تلاوت قرآن

سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 253 تا 256
۞ تِلۡكَ ٱلرُّسُلُ فَضَّلۡنَا بَعۡضَهُمۡ عَلَىٰ بَعۡضٖۘ مِّنۡهُم مَّن كَلَّمَ ٱللَّهُۖ وَرَفَعَ بَعۡضَهُمۡ دَرَجَٰتٖۚ وَءَاتَيۡنَا عِيسَى ٱبۡنَ مَرۡيَمَ ٱلۡبَيِّنَٰتِ وَأَيَّدۡنَٰهُ بِرُوحِ ٱلۡقُدُسِۗ وَلَوۡ شَآءَ ٱللَّهُ مَا ٱقۡتَتَلَ ٱلَّذِينَ مِنۢ بَعۡدِهِم مِّنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡهُمُ ٱلۡبَيِّنَٰتُ وَلَٰكِنِ ٱخۡتَلَفُواْ فَمِنۡهُم مَّنۡ ءَامَنَ وَمِنۡهُم مَّن كَفَرَۚ وَلَوۡ شَآءَ ٱللَّهُ مَا ٱقۡتَتَلُواْ وَلَٰكِنَّ ٱللَّهَ يَفۡعَلُ مَا يُرِيدُ ٢٥٣ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ أَنفِقُواْ مِمَّا رَزَقۡنَٰكُم مِّن قَبۡلِ أَن يَأۡتِيَ يَوۡمٞ لَّا بَيۡعٞ فِيهِ وَلَا خُلَّةٞ وَلَا شَفَٰعَةٞۗ وَٱلۡكَٰفِرُونَ هُمُ ٱلظَّٰلِمُونَ ٢٥٤ ٱللَّهُ لَآ إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ٱلۡحَيُّ ٱلۡقَيُّومُۚ لَا تَأۡخُذُهُۥ سِنَةٞ وَلَا نَوۡمٞۚ لَّهُۥ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَمَا فِي ٱلۡأَرۡضِۗ مَن ذَا ٱلَّذِي يَشۡفَعُ عِندَهُۥٓ إِلَّا بِإِذۡنِهِۦۚ يَعۡلَمُ مَا بَيۡنَ أَيۡدِيهِمۡ وَمَا خَلۡفَهُمۡۖ وَلَا يُحِيطُونَ بِشَيۡءٖ مِّنۡ عِلۡمِهِۦٓ إِلَّا بِمَا شَآءَۚ وَسِعَ كُرۡسِيُّهُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضَۖ وَلَا يَـُٔودُهُۥ حِفۡظُهُمَاۚ وَهُوَ ٱلۡعَلِيُّ ٱلۡعَظِيمُ ٢٥٥ لَآ إِكۡرَاهَ فِي ٱلدِّينِۖ قَد تَّبَيَّنَ ٱلرُّشۡدُ مِنَ ٱلۡغَيِّۚ فَمَن يَكۡفُرۡ بِٱلطَّٰغُوتِ وَيُؤۡمِنۢ بِٱللَّهِ فَقَدِ ٱسۡتَمۡسَكَ بِٱلۡعُرۡوَةِ ٱلۡوُثۡقَىٰ لَا ٱنفِصَامَ لَهَاۗ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ ٢٥٦
ترجمہ
ہم نے کچھ پیغمبروں کو بعض دوسرے پیغمبروں پر برتری دی ہے، اللہ نے ان میں سے بعض کے ساتھ گفتگو کی اور ان سے کچھ کے درجات کو بلند کردیا، ہم نے عیسیٰ بن مریم کو واضح نشانیاں دیں اور ہم نے روح القدس کے وسیلہ سے ان کی تائید کی اور اگر اللہ کی مرضی ہوتی ان پیغمبروں کی امت ان کے بعد آپس میں جنگ نہ کرتے جبکہ ان کے لیے واضح و روشن نشانیاں آچکی تھیں لیکن انہوں نے آپس میں اختلاف کیا پھر ان سے کچھ تو ایمان لے آئے اور کچھ کافر ہوگئے، اگر اللہ چاہتا تو مومنین اور کافر آپس میں جنگ نہ کرتے مگر اللہ تو جو ارادہ کرتا ہے اسے انجام دیتا ہے۔(۲۵۳) اے وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہو جو کچھ ہم نے تمہیں روزی دی ہے اس سے انفاق کرو، اس دن کے آنے سے پہلے ایسا کرلو کہ جس دن خرید و فروخت، دوستی اور سفارش نہ چلے گی اور کافر ہی ظالم ہیں۔(۲۵۴) اللہ کے سواء کوئی معبود نہیں، وہ زندہ و پائندہ ہے، اسے نہ تو اونگھ آتی ہے نہ ہی پوری نیند آتی ہے، جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے وہ سب اسی کا ہے، کون ہے جو اس کی اجازت کے بغیر اس کے حضور کسی کی سفارش کرے، وہ ماضی اور آئندہ کے سب حالات کو جانتا ہے، کوئی چیز بھی اس کے علم کا احاطہ نہیں کرتی مگر اتنی مقدار میں جس کا وہ ارادہ کرے، اس کے تخت (حکومتی) نے آسمانوں اور زمین کو گھیر رکھا ہے، ان سب کی دیکھ بھال اور نگہداشت اس کے لیے دشوار نہیں ہے، وہ بزرگ و برتر ہے۔(۲۵۵) دین (اختیار کرنے) میں کوئی جبر و زبردستی نہیں ہے، رشد و ہدایت کا راستہ گمراہی کے راستہ سے واضح ہو چکا ہے، پس جو بھی طاغوت کا انکار کرے اور اللہ پر ایمان لےآئے تو اس نے مضبوط رسی کو تھام لیا ہے جو ٹوٹنے والی نہیں ہے، اللہ سننے والا دانا ہے۔(۲۵۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۵۳:

تمام انبیاء کے مقامات اور درجات برابر و یکساں نہیں ہیں۔ ان میں سے ہر ایک کا الگ مقام و مرتبہ ہے۔ پیغمبراسلامﷺ کا امتیاز آپ کا خاتم المرسلین والنبین ہونا ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا امتیاز آپ کی بابرکت نسل و اولاد ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا امتیاز ان کا اللہ تعالیٰ کے ساتھ کلام کرنا ہے۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا امتیاز روح القدس سے تائید ملنا ہے۔ جی ہاں! سارے انبیاء کا درجہ برابر نہیں لیکن ان کا مرتبہ ایک جیسا نہ ہونا ہدف کے واحد ہونے میں رکاوٹ نہیں کہ بعض کے کمالات دوسرے بعض سے زیادہ ہوں (فَضَّلۡنَا بَعۡضَہُمۡ عَلٰی بَعۡضٍ)۔ زیادہ تر اختلافات کا سبب ذاتی خواہشات، حسادتیں اور خود پرستی ہے نہ کہ جہالت اور کم علمی (مِنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡہُمُ الۡبَیِّنٰتُ)۔

آیت ۲۵۴:

اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے انفاق کی ترغیب کے لیے چند نکات کو بیان کیا ہے: الف: جو کچھ تمہارے پاس ہے وہ ہم نے تمہیں دیا ہے، یہ سب تمہارا اپنا نہیں ہے (رَزَقۡنٰاکُمۡ)۔ ب: جو کچھ تمہارے پاس ہے اس میں سے کچھ کو خرچ کرو، سب کا انفاق نہ کرو (مِمَّا)۔ ج: یہ انفاق تمہاری قیامت کے لیے بہتر ہے (یَاۡتِیَ یَوۡمٌ لَّا بَیۡعٌ فِیۡہِ وَ لَا خُلَّۃٌ)۔ کنجوسی کفران نعمت کی نشانی ہے اور اللہ تعالیٰ کے وعدوں کا کفر کرنا ہے (اَنۡفِقُوۡا۔۔۔وَ الۡکٰفِرُوۡنَ)۔

آیت ۲۵۵:

اس آیت میں ’’الکرسی) کا لفظ موجود ہے، اس لیے رسول اللہﷺ نے اس آیت کا نام آیت الکرسی رکھا۔ یہ آیت قرآن مجید کی بلند چوٹی ہے اور تمام آیات میں اس کی بڑی شان ہے۔ امام علی علیہ السلام نے فرمایا: اس آیت کی فضیلت سننے کے بعد کوئی رات ایسی نہ گزری جس میں میں نے اس کی تلاوت نہ کی ہو۔ (لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ) پیغمبر اسلامﷺ کی دعوت اسلام کا پہلا شعار اور نعرہ تھا (قُولُوا لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ تُفْلِحُوا) اس کی قبولیت کامیابی کی علامت ہے۔ توحید کا عقیدہ انسان کی آنکھوں میں تمام طاقتوں، تمام چاہتوں اور تمام رجحانات کو چھوٹا بنا دیتا ہے اور اس عقیدہ کے سامنے ہر شئے حقیر اور معمولی ہے۔ مسلمان کسی بڑے بادشاہ یا حاکم وقت کے سامنے سجدہ نہیں کرتے، جب مسلمان حبشہ کے دربار میں نجاشی کے پاس گئے تو انہوں نے کہا: ہم غیر خدا کا سجدہ نہیں کرتے۔ امام علی علیہ السلام نے فرمایا: (لَا تَکُنْ عَبْدَ غَیْرِکَ وَ قَدْ جَعَلَكَ اللَّهُ حُرّاً)کسی کا غلام مت بنو کیونکہ اللہ نے تمہیں آزاد خلق کیا ہے۔ مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ روزانہ بلند آواز سے اذان کہیں۔ یہ جھوٹے خداؤں اور طاغوتوں اور ظالم حکمرانوں کی غلامی سے آزادی کا اعلان ہے۔ نومولود کے کان میں ہر آواز سے پہلے (لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ) کی آواز ڈالیں کہ اللہ تعالیٰ کے سواء کوئی لائق عبادت نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کی حیات کا معنی دوسری اشیا میں حیات کے معنی سے مختلف ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے لیے حیات کی صفت دوسری صفات کی طرح اس کی ذات سے جدا نہیں ہوسکتی۔ اصطلاح میں صفت ذاتی ہے جو ذات کا لازمہ ہے اور کبھی بھی ذات سے الگ نہیں ہوتی، یہ ناقابل فنا ہے (وَ تَوَکَّلۡ عَلَی الۡحَیِّ الَّذِیۡ لَا یَمُوۡتُ)’’فرقان،۵۸‘‘ وہ اپنی حیات کے لیے نہ تو غذا کا محتاج ہے اور نہ ہی اسے نسل پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی جذب و دفع ’’کشش اور عدم کشش‘‘ کا تصور پایا جاتا ہے۔ (قَیُّوۡمُ) قیام سے لیا گیا ہے، قیوم اسے کہا جاتا ہے جو اپنے پاؤں پر کھڑا ہوتا ہے اور دوسرے اس سے وابستہ ہوتے ہیں، یہ لفظ قرآن مجید میں تین مرتبہ آیا ہے اور تینوں موارد میں اس کے ساتھ (حَیُّ) زندہ کا لفظ آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ خود اپنی ذات پر قائم ہے جبکہ باقی موجودات اللہ تعالیٰ کی ذات کی وجہ سے قائم ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی قیومیت سے مراد یہ ہے کہ تمام مخلوقات کی تدبیر، ان کی حفاظت اور دیکھ بھال سب پر اس کی ذات کا غلبہ ہے۔ ہر زندہ موجود اپنی حیات کو برقرار رکھنے کے لیے فیض پہنچانے کےسرچشمہ کا محتاج ہوتا ہے۔ جس طرح بلب کے روشنی دینے کے لیے اس کے بجلی کے مرکز سے جڑے رہنا ضروری ہے۔ اسی طرح تمام موجودات کے زندہ رہنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ حیّ قیّوم سے حیات لیں۔ تمام چیزوں کا حقیقی مالک اللہ تعالیٰ ہے۔ انسان کی مالکیت عارضی اور عاریتی ہے۔ انسان کی مالکیت چند دنوں اور محدود شرائط کے تحت ہے جس کا تعیّن حقیقی مالک کی طرف سے کیا جاتا ہے۔کائنات کی ہر شئے اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہے۔ لہذا اس پر لاگو قوانین بھی اللہ تعالیٰ ہی کی طرف سے ہیں۔ کائنات کی ہر شئے پر اللہ تعالٰی کا حکم چلتا ہے۔ اے کاش! سارے انسان اس ذات کی مملکت اور ملک سے بہتر استفادہ کرتے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: تقویٰ کا پہلا درجہ اور اللہ تعالیٰ کی بندگی کا پہلا قدم یہ ہے کہ انسان خود کو کسی چیز کا مالک نہ جانے۔ مشرکین اللہ تعالٰی کو مانتے تھے لیکن وہ بتوں کو اپنا شفیع اور اللہ تعالیٰ کے ہاں سفارشی سمجھتے تھے۔ آیت الکرسی میں اس وہم و گمان کو رد کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی اللہ تعالیٰ کی اجازت کے بغیر اس کے ہاں کسی کی سفارش نہیں کرسکتا۔ شفاعت صرف اللہ تعالیٰ کے حکم سے ہی ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں شفاعت کا معیار پارٹی بازی نہیں اور نہ ہی دنیاوی معاملات میں بگڑے ہوئے معاشروں میں سفارش کے لیے جو اثر و رسوخ استعمال کیا جاتا ہے اس طرح کی شفاعت اور سفارش کا تصور پایا جاتا ہے بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ لوگوں کو مایوسی اور ناامیدی سے نجات دلانے کے لیے اولیاء اللہ سے رابطہ اورتعلق قائم کرنے کی ترغیب دلائی جائے۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت لم یزل و لا یزال کے مقابلے میں شفاعت کرنے والے کی کوئی حیثیت نہیں ہے، شفاعت کا مقام فقط ان کے لیے ہے جن کے لیے اللہ تعالیٰ چاہے۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں شفاعت کرنے کا مطلب کسی کی بے گناہی ثابت کرنا نہیں بلکہ شفاعت کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے رحم و کرم سے گنہگار کے گناہوں کو بخش دیتا ہے جو اس کی نجات کا سبب بنتا ہے۔ اللہ تعالٰی کا علم اس بات کا سبب بننا چاہیے کہ انسان کچھ تو اپنے مالک سے حیا کرے کیونکہ اسے دلوں کے اندر کی بات کا علم ہے، وہ آشکار اور پوشیدہ تمام رازوں سے آگاہ ہے، جبکہ انسان کا علم محدود ہے۔ کرسی اللہ تعالیٰ کی حکومت اور قدرت و طاقت سے کنایہ ہے۔ اللہ تعالٰی کی حکومت اور حکمرانی نے زمین اور آسمانوں کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ کائنات اتنی وسیع ہے کہ اس میں زمین کی مثال ایک بے کراں بیاباں میں ایک انگوٹھی کی سی ہے لیکن ان سب کی حفاظت اور ان کی تدبیر اور ان کا نظام چلانا اللہ تعالٰی پر بوجھ نہیں۔ اللہ تعالیٰ نہ فقط پوری کائنات کا مالک ہے اور جو کچھ اس میں ہے اس سے آگاہ ہے بلکہ پوری کائنات اور اس میں موجود تمام مخلوقات اس کے اقتدار کے تحت ہیں، سب پر اسی کا کنٹرول ہے۔ امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں: اللہ تعالٰی کو نہ تو وقت بوڑھا کرتا ہے اور نہ ہی اس میں کچھ تبدیلی رونما ہوتی ہے’’وہ وہی ہے جو ازل سے تھا اور وہی ہے ابد تک، اس میں اولویت اور آخریت نہیں ہے، وہ قدرت لم یزل و لا یزال کا مالک ہے‘‘ اللہ تعالیٰ کی صفات قیّوم، حیّ، علیم، قدیر اور عظیم کا انسان کی تربیت میں تعمیری کردار ہے۔ بہترین مکتب وہ ہے جو اپنے پیروکاروں کو امید و عشق سے نوازے، ان کی تقدیر اور ان کے مستقبل کو روشن کرے۔ اس کے پیروکاروں کو معلوم ہو کہ وہ ہر لمحہ اس کی نظارت اور نگہبانی میں ہیں، ان کی لغزشیں قابل معافی ہیں، ان کا حاکم ان پر مہربان ہے۔ اللہ تعالیٰ ہی لائق عبادت ہے کہ وہ زندہ اور قائم بالذات ہے۔اس میں کمزوری، تھکاوٹ،سستی، نیند اور اونگھ جیسی حالتیں نہیں۔ اس کے ارادہ اور قدرت کے بغیر کوئی ایک بھی کچھ کام کرنے کی طاقت نہیں رکھتا۔ اس کے ارادہ کے بغیر کسی کا کسی چیز پر نہ تو اختیار ہے اور نہ ہی قبضہ و غلبہ ہے۔ اللہ ہی ہے جو سب کچھ سے آگاہ ہے اور سب پر اس کا غلبہ ہے۔ ایسی ہی ذات کو معبود اور لائق پرستش ہونا چاہیے۔اسی سے عشق کیا جائے، اسی سے امید لگائی جائے، اسی کے آگے جھکا جائے اور اسی سے مانگا جائے۔ قرآن مجید نے اللہ تعالیٰ کا جو تعارف کروایا ہے اس کا موازنہ اس سے نہیں کرسکتے جو تعارف تحریف شدہ انجیل اور تورات میں ہے۔ جو کائنات اور اس میں موجود مخلوقات کی حفاظت کرتا ہے وہ ہی ہمیں خطرات سے بچا سکتا ہے، اسی لیے حفاظت کے لیے آیت الکرسی پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

آیت ۲۵۶:

جبر اور زبردستی کرکے کسی کو مومن نہیں بنایا جاسکتا۔ برہان، دلیل، اخلاق اور وعظ و نصیحت سے دلوں کو رام کیا جاسکتا ہے۔ لیکن اس کا معنی یہ نہیں کہ ہر کوئی جو چاہے کرے، ہر منکر کو انجام دے اور یہ کہے کہ میں آزاد ہوں، جو مرضی میں آئے میں کروں۔ اسلام میں سزا سے متعلق قوانین اس بات کی نشانی ہے کہ اگر ایک شخص دل سے عقیدہ نہیں بھی رکھتا ہے تو اسے یہ حق نہیں کہ وہ معاشرہ میں دوسروں کے لیے آزار و اذیت کا سبب بنے۔ روایات کے مطابق (عُرۡوَۃِ الۡوُثۡقٰی)’’اللہ کی مضبوط رسی‘‘ سے تمسک کا ایک مصداق، اولیاء اللہ اور اہل بیت اطہار علیہم السلام سے تعلق برقرار رکھنا ہے۔ جس دین کی تعلیمات دلیل و برہان کی بنیاد پر ہوں اس کے لیے جبر اور زبردستی معنی نہیں رکھتا (لَاۤ اِکۡرَاہَ فِی الدِّیۡنِ)۔ دین انسانیت کو پروان چڑھانے کا وسیلہ ہے (قَدۡ تَّبَیَّنَ الرُّشۡدُ مِنَ الۡغَیِّ)۔ جب تک طاغوت ’’ظالم، سرکش اور خدا مخالف حکمران‘‘ کا خاتمہ نہ ہو توحید جلوہ گر نہیں ہوسکتی، اس کے لیے پہلے طاغوت کا انکار کرنا ہوگا پھر اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا ہوگا (فَمَنۡ یَّکۡفُرۡ بِالطَّاغُوۡتِ وَ یُؤۡمِنۡۢ بِاللّٰہِ)۔ طاغوت کا سہارا لینا اور غیر اللہ پر اعتماد کرنا بے وقعت عمل ہے، اس نے ختم ہوجانا ہے،جس تعلق نے باقی رہنا ہے اور جو مضبوط اور مستحکم سہارا ہے جسے زوال نہیں وہ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے (لَا انۡفِصَامَ لَہَا)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 257 تا 259
ٱللَّهُ وَلِيُّ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ يُخۡرِجُهُم مِّنَ ٱلظُّلُمَٰتِ إِلَى ٱلنُّورِۖ وَٱلَّذِينَ كَفَرُوٓاْ أَوۡلِيَآؤُهُمُ ٱلطَّٰغُوتُ يُخۡرِجُونَهُم مِّنَ ٱلنُّورِ إِلَى ٱلظُّلُمَٰتِۗ أُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ٢٥٧ أَلَمۡ تَرَ إِلَى ٱلَّذِي حَآجَّ إِبۡرَٰهِـۧمَ فِي رَبِّهِۦٓ أَنۡ ءَاتَىٰهُ ٱللَّهُ ٱلۡمُلۡكَ إِذۡ قَالَ إِبۡرَٰهِـۧمُ رَبِّيَ ٱلَّذِي يُحۡيِۦ وَيُمِيتُ قَالَ أَنَا۠ أُحۡيِۦ وَأُمِيتُۖ قَالَ إِبۡرَٰهِـۧمُ فَإِنَّ ٱللَّهَ يَأۡتِي بِٱلشَّمۡسِ مِنَ ٱلۡمَشۡرِقِ فَأۡتِ بِهَا مِنَ ٱلۡمَغۡرِبِ فَبُهِتَ ٱلَّذِي كَفَرَۗ وَٱللَّهُ لَا يَهۡدِي ٱلۡقَوۡمَ ٱلظَّٰلِمِينَ ٢٥٨ أَوۡ كَٱلَّذِي مَرَّ عَلَىٰ قَرۡيَةٖ وَهِيَ خَاوِيَةٌ عَلَىٰ عُرُوشِهَا قَالَ أَنَّىٰ يُحۡيِۦ هَٰذِهِ ٱللَّهُ بَعۡدَ مَوۡتِهَاۖ فَأَمَاتَهُ ٱللَّهُ مِاْئَةَ عَامٖ ثُمَّ بَعَثَهُۥۖ قَالَ كَمۡ لَبِثۡتَۖ قَالَ لَبِثۡتُ يَوۡمًا أَوۡ بَعۡضَ يَوۡمٖۖ قَالَ بَل لَّبِثۡتَ مِاْئَةَ عَامٖ فَٱنظُرۡ إِلَىٰ طَعَامِكَ وَشَرَابِكَ لَمۡ يَتَسَنَّهۡۖ وَٱنظُرۡ إِلَىٰ حِمَارِكَ وَلِنَجۡعَلَكَ ءَايَةٗ لِّلنَّاسِۖ وَٱنظُرۡ إِلَى ٱلۡعِظَامِ كَيۡفَ نُنشِزُهَا ثُمَّ نَكۡسُوهَا لَحۡمٗاۚ فَلَمَّا تَبَيَّنَ لَهُۥ قَالَ أَعۡلَمُ أَنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ ٢٥٩
ترجمہ
اللہ مومنوں کا ولی اور سرپرست ہے، وہ انہیں تاریکیوں سے نکال کر نور میں لے جاتا ہے اور جنہوں نے کفر اختیار کیا ہے تو ان کے سرپرست طاغوت (سرکش و ظالم حکمران) ہیں جو انہیں نور سے نکال کر تاریکیوں میں لے جاتے ہیں، یہ لوگ دوزخی ہیں اور وہ آتش جہنم میں ہمیشہ رہیں گے۔(۲۵۷) کیا آپ نے اس(نمرود) کے بارے غور نہیں کیا جو ابراہیم کے ساتھ اس کے رب کے بارے اس بنا پر بحث و جدل کیا کرتا تھا کہ اللہ نے اسے بادشاہت دے رکھی تھی؟ جب ابراہیم نے کہا: میرا خدا وہی ہے جو زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے، اس (نمرود)نے کہا:میں بھی تو زندہ کرتا ہوں اور مارتا ہوں، ابراہیم نے کہا: اللہ تو سورج کو مشرق سے لاتا ہے تم اسے مغرب سے نکال لاؤ ، یہ سن کر وہ کافر شخص مبہوت ہوگیا اور اللہ ستمگر کو ہدایت نہیں کرتا۔(۲۵۸) یا اس (عزیر) کی مانند کہ جب وہ ایک آبادی سے گزر رہا تھا تو اس نے دیکھا کہ مکانات کی چھتیں اور دیواریں گری ہوئی ہیں، اس نے اپنے آپ سے کہا: اللہ کس طرح ان سب کو مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کرے گا؟اللہ نے اسے مار دیا، وہ سو سال تک مرا پڑا رہا، پھر اللہ نے اسے زندہ کیا اور اس سے فرمایا: تم اس جگہ کتنی دیر موجود رہے ہو گے؟ اس نے کہا: ایک دن یا ایک دن کا کچھ حصہ، اللہ نے فرمایا: تم اس جگہ ایک سو سال موجود رہے، اپنی کھانے پینے کی چیزوں کو دیکھو کہ ان میں تبدیلی نہیں آئی اور اپنے گدھے کو دیکھو( کہ اس کی ہڈیاں بھی بوسیدہ ہوچکی ہیں) یہ ماجرا اس غرض سے ہے کہ لوگوں کے لیے تجھے نشانی قرار دوں(کہ مرنے کے بعد وہ اٹھائے جائیں گے) اب تم ہڈیوں کو دیکھو کہ کس طرح وہ ایک دوسرے سے جڑتی جارہی ہیں اور کس طرح گوشت ان پر چڑھتا ہے، پس جب یہ سب حقائق اس کے لیے آشکار ہوگئے تو اس نے کہا: اب میں جان گیا کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔(۲۵۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۵۷:

سابقہ آیت میں ہم نے پڑھا کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز کا مالک ہے (لَہٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ۔۔۔) اس آیت میں ہم پڑھتے ہیں کہ مومنین خاص طور پر اس کی ولایت اور سرپرستی میں ہیں(اَللّٰہُ وَلِیُّ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا)۔ اللہ کی ولایت کو قبول کرنےوالوں کی پہچان: ان کے سارے کام الٰہی رنگ اپنا لیتے ہیں (صِبۡغَۃَ اللّٰہِ)’’بقرہ، ۱۳۸‘‘ وہ اپنے لیے الٰہی رہبر و قائد کا انتخاب کرتے ہیں(اِنَّ اللّٰہَ قَدۡ بَعَثَ لَکُمۡ طَالُوۡتَ مَلِکًا)’’بقرہ، ۲۴۷‘‘ ان کا راستہ واضح اور انہیں اپنے مستقبل کا علم ہوتا ہے اور ان کے کام میں ولولہ ہوتا ہے (یَہۡدِیۡہِمۡ رَبُّہُمۡ بِاِیۡمَانِہِمۡ)’’یونس، ۹‘‘، (اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ)(بقرہ، ۱۵۶)، (لَا نُضِیۡعُ اَجۡرَ الۡمُحۡسِنِیۡنَ) ’’یوسف، ۵۶‘‘۔ سختیوں اور مشکلات میں ان کی توجہ اللہ تعالٰی پر ہوتی ہے،غیر الٰہی طاقتوں سے انہیں کوئی ڈر نہیں ہوتا (فَزَادَہُمۡ اِیۡمَانًا)’’آل عمران، ۱۷۳‘‘۔ موت سے نہیں گھبراتے، ولایت الٰہی کے سایہ میں قتل ہوجانے کو اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں، امام حسین علیہ السلام نے فرمایا:(إِنِّي لاَ أَرَى الْمَوْتَ إِلَّا سَعَادَةً)۔ زندگی میں تنہائی ان کے لیے ناخوشگوار نہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اللہ ان کے ساتھ ہے (اِنَّ اللّٰہَ مَعَنا) ’’توبہ، ۴۰‘‘۔ مال کے انفاق اور اسے خرچ کرنے سے گھبراتے نہیں کیونکہ وہ اپنے مال کو اپنے ولی و سرپرست کے سپرد کردیتے ہیں (یُقۡرِضُ اللّٰہَ قَرۡضًا حَسَنًا)’’بقرہ، ۲۴۵‘‘۔ ان پر منفی پروپیگنڈہ بے اثر ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کے حتمی وعدوں کے سپرد کر رکھا ہوتا ہے (وَ الۡعَاقِبَۃُ لِلۡمُتَّقِیۡنَ)’’اعراف، ۱۲۸‘‘۔ ان کے سامنے اللہ تعالیٰ کے علاوہ ہر چیز چھوٹی ہوتی ہے، امام علیہ السلام نے فرمایا: (عَظُمَ الْخَالِقُ فِي أَنْفُسِهِمْ فَصَغُرَ مَا دُونَهُ فِي أَعْيُنِهِمْ)۔ وہ متعدد قوانین اور دستورات سے حیران و پریشان نہیں ہوتے، کیونکہ انہوں نے اللہ تعالٰی کے قانون کو قبول کر رکھا ہوتا ہے، الٰہی معیار کے مطابق اس راستے کا انتخاب کیا ہے جو اللہ تعالٰی نے معین کیا ہے (وَ مَنۡ لَّمۡ یَحۡکُمۡ بِمَاۤ اَنۡزَلَ اللّٰہُ)’’مائدہ،۴۴ و ۴۵‘‘۔ مومنوں کا ایک ہی سرپرست اور ولی ہے اور وہ اللہ تعالیٰ ہے۔ جبکہ کافروں کے سرپرست متعدد ہیں (ءَاَرۡبَابٌ مُّتَفَرِّقُوۡنَ خَیۡرٌ اَمِ اللّٰہُ الۡوَاحِدُ الۡقَہَّارُ)’’یوسف، ۳۹‘‘ مومنوں کے بارے اللہ نے فرمایا:(اَللّٰہُ وَلِیُّ)، کافروں کے بارے میں فرمایا(اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ سابقہ آیت میں بیان ہوا (قَدۡ تَّبَیَّنَ الرُّشۡدُ مِنَ الۡغَیِّ)، اس آیت میں ہدایت اور گمراہی کے نمونے بیان ہوئے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی ولایت رشد و ہدایت ہے اور طاغوت کی ولایت انحراف اور گمراہی ہے (اَللّٰہُ وَلِیُّ۔۔۔اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ حق کا راستہ ایک ہے جبکہ انحرافی راستے متعدد ہیں۔ قرآن مجید نے راہ حق کےبارے کلمہ نور استعمال کیا ہے جبکہ انحرافی اور ٹیڑھے راستوں کے بارے ظلمات ’’تاریکیاں‘‘کی تعبیر استعمال ہوئی ہے (النُّوۡرِ، الظُّلُمٰتِ)۔ حق کا راستہ نور ہے۔نور میں انسان آگے بڑھ سکتا ہے، ترقی اور کمال حاصل کرسکتا ہے اور اس میں امید و سکون اور اطمینان ہے (النُّوۡرِ)۔ مومن بند گلی میں نہیں ہوتا (یُخۡرِجُوۡنَہُمۡ مِّنَ النُّوۡرِ اِلَی الظُّلُمٰتِ)۔ طاغوت ’’سرکش اور ظالم حکمران‘‘ کفر و شرک کے ماحول میں مشقیں کرتے ہیں (الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ جو شخص اللہ تعالیٰ کی ولایت کے سایہ میں نہیں آتا تو خواہ مخواہ طاغوت اس پر اپنی ولایت و سرپرستی برقرار کرتے ہیں(اَللّٰہُ وَلِیُّ۔۔۔اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ الٰہی ولایت کے علاوہ ہر ولایت طاغوت کی ولایت ہے (اَللّٰہُ وَلِیُّ۔۔۔اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ طاغوت کی ولایت قبول کرنے کےانجام پر توجہ انسان کو حق قبول کرنے کی جانب لے آتی ہے (اُولٰٓئِکَ اَصۡحٰبُ النَّارِ)۔

آیت ۲۵۸:

سابقہ آیت میں ہم نے پڑھا کہ مومنوں کا ولی اللہ تعالیٰ ہے جو انہیں تاریکیوں سے نکال کر نور کی جانب لے آتا ہے۔اس آیت اور اس کے بعد والی آیات میں الٰہی ولایت اور تاریکیوں سے نور کی طرف نکال کر لانے کے نمونے بیان ہوئے ہیں۔ تاریخی کتابوں میں ہے کہ نمرود بابل کے بادشاہوں سے تھا اور بہت ہی طاقتور حکمران تھا۔ اس نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے بارے بحث و مباحثہ کیا اور یہ گفتگو مجادلہ میں تبدیل ہوگئی۔ جب ابراہیم علیہ السلام نے کہا کہ میرا رب تو وہ ہے جو زندہ کو مارتا ہے اور مردے کو زندہ کرتا تو نمرود نے کہا کہ میں بھی زندہ کو مارتا ہوں اور مرنے والے کو زندگی دیتا ہوں۔ پھر اس نے حکم دیا کہ دو قیدیوں کو اس کے پاس لایا جائے جن میں سے ایک کو قتل کردیا اور ایک کو چھوڑ دیا۔ جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے نمرود کے اس سفسطہ اور مجادلہ و مغالطہ کو دیکھا کہ نمرود زندہ کرنے اورمارنے سے کیا معنی مراد لے رہا ہے اور وہ کس طرح لوگوں کے ذہنوں کو خراب کرنے کے درپے ہے تو انہوں نے فوراً کہا میرا رب سورج کو مشرق سے نکالتا ہے، تم اسےمغرب سے نکال لاؤ۔ اگر تیرا یہ دعویٰ ہے کہ کائنات پر تیری حکمرانی ہے اور سب کچھ تیرے اختیار میں ہے اور ہر چیز پر تیرا اقتدار ہے تو سورج کو مغرب سے نکال لاؤ۔ یہ سن کر نمرود مبہوت ہوگیا اور اس کے پاس کچھ جواب نہ تھا، اس کے پاس خاموشی کے سوا کچھ نہ بچا تھا۔ جس کے پاس جو کچھ ہے وہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے دیا ہوا ہے۔ کافر بھی دنیا میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے بہرہ ور ہوتے ہیں لیکن وہ ان سے صحیح استفادہ نہیں کرتے (اٰتٰىہُ اللّٰہُ)۔ اقتدار ،استکبار اور غرور و تکبر کا سبب بنتا ہے (اَنۡ اٰتٰىہُ اللّٰہُ الۡمُلۡکَ ۘ ۔۔۔اَنَا اُحۡیٖ وَ اُمِیۡتُ)۔ ایسے موقع پر رائے عامہ پر توجہ دینا اور لوگوں سے فیصلہ لینا ضروری ہوتا ہے۔ اگرچہ حیات کا وجود خدا شناسی کے راستوں سے ایک راستہ ہے لیکن اس میں نمرود کا جواب صحیح نہیں تھا لیکن اس بارے بحث و مباحثہ سے عام لوگوں کو جواب نہ ملتا (رَبِّیَ الَّذِیۡ یُحۡیٖ وَ یُمِیۡتُ) لہذا حضرت ابراہیم علیہ السلام نے مارنے اور زندہ کرنے کے معنی کے متعلق بحث کرنے کی بجائے ایسی بات کی جسے ہر ایک آسانی سے سمجھ سکتا تھا کہ تم سورج کو مشرق کی بجائے مغرب سے نکال لاؤ۔ بحث و مباحثہ میں فطری،عقلی اور عمومی دلائل سے استفادہ کیا جائے تاکہ ہٹ دھرم اور ضدی مخالفین مغلوب و مقہور ہوجائیں (اَنَا اُحۡیٖ وَ اُمِیۡتُ)۔ اگر منطق اور عقلی دلائل کے ساتھ حق پیش کیا جائے تو وہ باطل پر غالب آجائے گا اور حق ثابت ہوجائے گا (فَاۡتِ بِہَا مِنَ الۡمَغۡرِبِ فَبُہِتَ الَّذِیۡ کَفَرَ)۔ کافر ظالم ہے کیونکہ اپنے اوپر اور انسانیت کے مقام پر ظلم کرتا ہے (فَبُہِتَ الَّذِیۡ کَفَرَ)۔

آیت ۲۵۹:

سابقہ آیت میں نمرود کے ساتھ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی گفتگو بیان ہوئی کہ توحید کے بارے گفتگو کررہے تھے جو نور کے نمونوں میں سے ایک ہے۔ نیز استدلا ل کے ذریعے ہدایت پانا تاریکیوں سے نکال کر نور کی طرف لانے کے نمونوں میں سے دوسرا نمونہ ہے۔ اس آیت میں معاد کے بارے گفتگو ہو رہی ہے۔ ہدایت نمائش کے طریقہ سے اور محسوس صورت میں پیش کریں ۔ تفاسیر میں آیا ہے کہ اس شخص کا نام عُزیر تھا۔ ماضی کی ویران شدہ تہذیبوں کو عبرت کی نگاہ سے دیکھا جائے اور ان سے درس حاصل کیا جائے (مَرَّ عَلٰی قَرۡیَۃٍ)۔ اگر تم کسی چیز کو جانتے ہو تو پھر بھی اپنے علم کو تجربہ کے ساتھ اوپر کی سطح پر لانے کی کوشش کرو (اَنّٰی یُحۡیٖ ہٰذِہِ اللّٰہُ)۔ ایک نکتہ کو سمجھنے کے لیے ایک سو سال تک مرے رہنا بجا ہے (فَاَمَاتَہُ اللّٰہُ مِائَۃَ عَامٍ)۔ لمبی مدت کا گزر جانا اللہ تعالیٰ کی قدرت میں خلل وارد نہیں کرتا (فَاَمَاتَہُ اللّٰہُ مِائَۃَ عَامٍ ثُمَّ بَعَثَہٗ)۔ رجعت اور قیامت سے پہلے اسی دنیا میں مردوں کا زندہ ہونا ممکن ہے (فَاَمَاتَہُ۔۔۔بَعَثَہٗ)۔ دینی تعلیمات کو سمجھانے کے لیے نمائش بہترین وسیلہ ہے (فَانۡظُرۡ اِلٰی طَعَامِکَ وَ شَرَابِکَ ۔۔۔وَ انۡظُرۡ اِلَی۔۔۔وَ انۡظُرۡ اِلَی الۡعِظَامِ)۔ الٰہی ارادے سے مضبوط ہڈیاں بوسیدہ ہوجاتیں ہیں لیکن غذا جو جلدی خراب ہوجاتی ہے وہ ایک سو سال گزرنے کے باوجود صحیح و سالم باقی رہتی ہے (لَمۡ یَتَسَنَّہۡ)۔ قدرت کی نمائش لوگوں کی ہدایت و رہنمائی کے لیے ہے سرگرمی اور قدرت نمائی کے لیے نہیں(وَ لِنَجۡعَلَکَ اٰیَۃً لِّلنَّاسِ)۔ اللہ تعالیٰ نے قیامت کا منظر دنیا ہی میں دکھایا ہے(فَاَمَاتَہُ۔۔۔ثُمَّ بَعَثَہٗ ۔۔۔وَ انۡظُرۡ اِلَی الۡعِظَامِ کَیۡفَ نُنۡشِزُہَا)۔ معاد جسمانی ہے، اگر معاد صرف روحانی ہوتا تو ہڈیوں کا حوالہ نہ دیا جاتا (وَ انۡظُرۡ اِلَی الۡعِظَامِ)۔ ’’مشتی از خروار‘‘ اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت کا ایک چھوٹا سا نمونہ دکھایا ہے کہ جو کچھ قیامت میں ہوتا ہے اس کا نمونہ دنیا ہی میں دکھا دیا (فَلَمَّا تَبَیَّنَ لَہٗ ۙ قَالَ اَعۡلَمُ اَنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 260 تا 264
وَإِذۡ قَالَ إِبۡرَٰهِـۧمُ رَبِّ أَرِنِي كَيۡفَ تُحۡيِ ٱلۡمَوۡتَىٰۖ قَالَ أَوَلَمۡ تُؤۡمِنۖ قَالَ بَلَىٰ وَلَٰكِن لِّيَطۡمَئِنَّ قَلۡبِيۖ قَالَ فَخُذۡ أَرۡبَعَةٗ مِّنَ ٱلطَّيۡرِ فَصُرۡهُنَّ إِلَيۡكَ ثُمَّ ٱجۡعَلۡ عَلَىٰ كُلِّ جَبَلٖ مِّنۡهُنَّ جُزۡءٗا ثُمَّ ٱدۡعُهُنَّ يَأۡتِينَكَ سَعۡيٗاۚ وَٱعۡلَمۡ أَنَّ ٱللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٞ ٢٦٠ مَّثَلُ ٱلَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمۡوَٰلَهُمۡ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ كَمَثَلِ حَبَّةٍ أَنۢبَتَتۡ سَبۡعَ سَنَابِلَ فِي كُلِّ سُنۢبُلَةٖ مِّاْئَةُ حَبَّةٖۗ وَٱللَّهُ يُضَٰعِفُ لِمَن يَشَآءُۚ وَٱللَّهُ وَٰسِعٌ عَلِيمٌ ٢٦١ ٱلَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمۡوَٰلَهُمۡ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ ثُمَّ لَا يُتۡبِعُونَ مَآ أَنفَقُواْ مَنّٗا وَلَآ أَذٗى لَّهُمۡ أَجۡرُهُمۡ عِندَ رَبِّهِمۡ وَلَا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ٢٦٢ ۞ قَوۡلٞ مَّعۡرُوفٞ وَمَغۡفِرَةٌ خَيۡرٞ مِّن صَدَقَةٖ يَتۡبَعُهَآ أَذٗىۗ وَٱللَّهُ غَنِيٌّ حَلِيمٞ ٢٦٣ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تُبۡطِلُواْ صَدَقَٰتِكُم بِٱلۡمَنِّ وَٱلۡأَذَىٰ كَٱلَّذِي يُنفِقُ مَالَهُۥ رِئَآءَ ٱلنَّاسِ وَلَا يُؤۡمِنُ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِۖ فَمَثَلُهُۥ كَمَثَلِ صَفۡوَانٍ عَلَيۡهِ تُرَابٞ فَأَصَابَهُۥ وَابِلٞ فَتَرَكَهُۥ صَلۡدٗاۖ لَّا يَقۡدِرُونَ عَلَىٰ شَيۡءٖ مِّمَّا كَسَبُواْۗ وَٱللَّهُ لَا يَهۡدِي ٱلۡقَوۡمَ ٱلۡكَٰفِرِينَ ٢٦٤
ترجمہ
جس وقت ابراہیم نے کہا: اے میرے رب! مجھے یہ دکھا کہ تو کس طرح مردوں کو زندہ کرتا ہے، اللہ نے کہا: کیا تم ایمان نہیں لے آئے؟ ابراہیم نے کہا: کیوں نہیں!(ایمان تو لایا ہوں) مگر یہ اس لیے ہے کہ میرا دل مطمئن ہوجائے، اللہ نے فرمایا: چار مختلف اقسام کے پرندے لے لو، انہیں ٹکڑے ٹکڑے کرو پھر ان کو آپس میں ملا دو پھر ہر ایک پہاڑ پر اس کا ایک حصہ رکھ دو پھر تم ان پرندوں کو آواز دو تو وہ تیزی سے تیرے پاس آجائیں گے، یہ بات جان لو کہ اللہ قادر اور حکیم ہے۔(۲۶۰) ان کی مثال جو اپنے اموال کو اللہ کی راہ پر خرچ کرتے ہیں اس بیج کی ہے کہ جس سے سات خوشے نکلتے ہیں اور ہر خوشہ میں سو دانے ہوتے ہیں، اللہ جس کے لیے چاہے اسے چند برابر دیتا ہے، اللہ کشائش دینے والا دانا ہے۔(۲۶۱) جو اپنے اموال کو اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں پھر جو انہوں نے خرچ کیا ہے اس پر احسان نہیں جتاتے اور( جسے کچھ دیا ہے اسے بھی) اذیت نہیں پہنچاتےتو ان کا اجر ان کے رب کے پاس ہے، ان پر کوئی خوف نہیں اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔(۲۶۲) اچھی اور دل پسند بات کرنا اور(فقراء کے ناگوار جملوں کو) نظر انداز کردینا اس صدقہ سے بہتر ہے جس میں صدقہ لینے والے کو اذیت دی جائے، اللہ تو بے نیاز اور بردبار ہے۔(۲۶۳) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! اپنے عطیات کو احسان جتانے اور اذیت دینے کے ذریعہ ضائع مت کرو، بتحقیق جو شخص اپنے مال کو دکھاوے کے لیے لوگوں کو دیتا ہے اللہ اور قیامت کے دن پر اس کا ایمان نہیں ہے تو اس کی مثال اس چٹیل صاف پتھر (چٹان) کی ہے کہ اس کے اوپر مٹی چڑھی ہوئی ہو اور اس پر بیج ڈال دئے جائے جیسے ہی اس پر بارش آجائے تو وہ اس پتھر کو صاف کردے( مٹی اور بیج سے خالی ہوجائے ریاکار خرچ کرنے والے کو) اس کے انفاق سے کچھ بھی حاصل نہ ہوگا، اللہ کافروں کی ہدایت نہیں کرتا۔(۲۶۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۶۰:

ایک دفعہ حضرت ابراہیم علیہ السلام دریا کے قریب سے گزر رہے تھے تو وہاں پر ایک مردار کو دیکھا جو دریا کے کنارے پڑا ہوا تھا۔اس کا ایک حصہ پانی میں تھا اور ایک حصہ خشکی پرتھا۔ دریائی اور صحرائی جانور اور پرندے اسے نوچ رہے تھے اور اسے اپنا لقمہ بنا رہے تھے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے آپ سے سوال کیا کہ اگر ایسا ہی انسان کے ساتھ ہوا اور اس کے بدن کے اجزاء دوسرے حیوانات کے بدن کا حصہ بن جائیں تو قیامت کے دن یہ کس طرح اکھٹے کئے جائیں گے اور انسان زندہ ہوگا۔ لہذا اللہ تعالیٰ سے التجا کردی کہ وہ انہیں مردوں کو زندہ کرنے کی کیفیت بارے آگاہ کرے۔ اللہ تعالیٰ نے اس نمائش کے ذریعہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو نور یقین اور اطمینان قلب کی نعمت سے نواز دیا۔ عمیق اور گہری تعلیم کے لیے نمائش اور محسوسات کا مشاہدہ ضروری ہے (اَرِنِیۡ)۔ کشف و شہود ان لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے علم، ایمان اور استدلال کےمراحل اور مراتب کو طے کر لیا ہو جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام نے درخواست کی(اَرِنِیۡ)مجھے دکھا دے تو ان کو جواب دیا گیا۔ ہر ایک کی درخواست کا جواب نہیں دیا جاتا۔ ہمیں ہمیشہ اس چیز کے درپے رہنا چاہیے کہ ہمارا ایمان اور یقین ترقی کر کے اطمینان کی منزل کو پالے، اس کے لیے جستجو اور چھان پھٹک کرنا قابل قدر ہے (لِیَطۡمَئِنَّ قَلۡبِیۡ)۔ ایمان کے درجات اور مراحل ہیں (لِیَطۡمَئِنَّ قَلۡبِیۡ)۔ انسان کا دل اطمینان کا مرکز ہے (لِیَطۡمَئِنَّ قَلۡبِیۡ)۔ اولیاء اللہ کائنات کے موجودات میں تصرف کا اختیار رکھتے ہیں کہ جسے ولایت تکوینی کہا جاتا ہے۔ یہ ولایت اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کے لیے عطا ہے (ثُمَّ ادۡعُہُنَّ یَاۡتِیۡنَکَ سَعۡیًا)۔ معاد جسمانی ہے، قیامت کے دن روح کے ساتھ بدن کے اجزاء واپس آئیں گے (یَاۡتِیۡنَکَ سَعۡیًا)۔

آیت ۲۶۱:

انفاق کی تاکید، اسراف و تبذیر اور فضول خرچی کی ممانعت، طبقاتی اختلافات کو حل کرنے کا بہترین وسیلہ ہے۔ جس طرح سود کا عام ہونا طبقاتی اختلاف اور انتشار کا سبب ہے۔ اسی وجہ سے قرآن مجید میں انفاق بارے آیات اور سود خوری کی ممانعت والی آیات اکٹھی آئی ہیں۔ ایسا نہیں کہ زمین میں ڈالے جانے والے ہر دانہ سے سات خوشے اور ہر خوشے سے سو دانے نکلتے ہوں بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ زمین زرخیز ہو، بیج صاف ستھرا ہو، مناسب موسم ہو، اس کی پوری دیکھ بھال کی جائے، بروقت پانی دیا جائے، بیج کے اگنے کے لیے جو ماحول ضروری ہے وہ مہیا ہو تو پھر ایسا نتیجہ نکلے گا۔ مال کا انفاق بھی اسی طرح ہے، ضروری ہے کہ انفاق کیا گیا مال حلال ہو، قصد قربت ہو، احسان نہ جتایا جائے اور اچھے انداز سے ہو تو تب اس کے یہ فوائد اور اثرات ہوں گے۔ انفاق کا اثر صرف اخروی ثواب نہیں بلکہ یہ انسان کے وجود میں رشد و ترقی اور ارتقاء کا سبب بھی بنتا ہے (مَثَلُ الَّذِیۡنَ یُنۡفِقُوۡنَ)۔ قرآن مجید ان انفاق کرنے والوں کی تعریف کرتا ہے جن کی ہمیشہ یہی سیرت ہو، اس لیے (یُنۡفِقُوۡنَ) مضارع کا صیغہ لایا گیا ہے جس میں استمرار کا معنی پایا جاتا ہے۔ انفاق اس وقت قابل قدر ہے جب اللہ تعالیٰ کی راہ میں ہو، اسلامی نقطہ نظر سے معیشت، اخلاق سے الگ نہیں (فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ قدرتی مناظر کی مثالیں کبھی پرانی نہیں ہوتیں، یہ تمام لوگوں کے لیے ہیں جیسے حالات میں بھی ہوں قابل فہم ہوتی ہیں، مال کی تشبیہ بیج سے دینا اور انفاق کے اثرات کو متعدد خوشوں کے دانوں سے دینا قابل فہم ہے (کَمَثَلِ حَبَّۃٍ اَنۡۢبَتَتۡ سَبۡعَ سَنَابِلَ)۔ نیک کام پر ثواب کا وعدہ اور اس بارے ترغیب دلانا اس کام کو انجام دینے پر ابھارنے کے لیے مضبوط ترین وسیلہ ہے، ایک کام کا بدلہ سات سو برابر ہے (وَ اللّٰہُ یُضٰاعِفُ)۔ اللہ تعالیٰ کا لطف و کرم لامحدود ہے (وَ اللّٰہُ یُضٰاعِفُ ۔۔۔وَ اللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔ اگر مال کا انفاق سات سو برابر بڑھنے اور رشد و نمو کرنے کا سبب ہے (کَمَثَلِ حَبَّۃٍ اَنۡۢبَتَتۡ سَبۡعَ سَنَابِلَ فِیۡ کُلِّ سُنۡۢبُلَۃٍ مِّائَۃُ حَبَّۃٍ) تو جو اپنی جان اللہ کی راہ میں انفاق کرے تو اس کا بدلہ کس قدر ہوگا؟ (وَ اللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۶۲:

اسلام میں انفاق کا حکم دینے میں فقط یہ مقصد نہیں کہ فقراء کے شکم کو سیر کیا جائے بلکہ یہ کام نیک لوگوں کے ہاتھ میں ہو، اچھا انداز اپنایا جائے اور اچھےاہداف کے حصول کی نیت سے ہو۔ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کے لیے قدم بڑھاتا ہے اور نیک کام شروع کرتا ہے لیکن کچھ مسائل درمیان میں آجاتے ہیں جیسے غرور، احسان جتانا یا ان سے بے جا توقعات رکھنا جن کی مدد کی جارہی ہے یا دکھاوا اور اس طرح کے دیگر امور جن کی وجہ سے اس نیک کام کی اہمیت اور قدر ختم ہوجاتی ہے۔ احسان جتا کر انفاق کرنے سے اس کا اثر ضائع ہوجاتا ہے۔ کیونکہ انفاق کا ہدف دل کو بخل سے پاک کرنا ہے لیکن احسان جتا نا دل کو آلودہ کردیتا ہے۔ احسان جتانے کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ اپنے آپ کو بڑا بناکر پیش کیا جائے اور دوسروں کو کمتر ظاہر کیا جائے اور اس طرح لوگ اس کی طرف متوجہ ہوں۔ اس کا خلاصہ یہ ہے کہ ایسے امور انسان کو اخلاص سے دور کردیتے ہیں۔ ذرا سوچیں اللہ تعالیٰ نے انسان کو اتنی ساری نعمتوں سے نوازا ہے تو کیا خدا ہمارے اوپر احسان جتاتا ہے؟ جو کچھ اللہ تعالیٰ نے ہمیں دیا ہے اس سے بہت تھوڑا اس کی مخلوق کے لیے خرچ کرکے ان پر احسان جتائیں تو کیا یہ انصاف ہے؟! تفسیرمجمع البیان میں حدیث بیان ہوئی ہے کہ رسول خداﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن اللہ تعالٰی ان لوگوں پر لطف و کرم کی نگاہ نہ کرے گا جو دوسروں پر احسان جتاتے تھے۔ صرف اتنا کافی نہیں کہ نیک عمل کا آغاز نیک نیتی سے کیا جائے بلکہ اس کا اختتام بھی اچھا ہو (یُنۡفِقُوۡنَ ۔۔۔ ثُمَّ لَا یُتۡبِعُوۡنَ۔۔۔ مَنًّا)۔ اسلام چاہتا ہے کہ محروم طبقات اور فقراء کی آبرو کی حفاظت کی جائے، اسلام فقراء کی شخصیت کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا کہ ان پر احسان جتا کر انہیں احساس دلاؤ کہ تم محتاج و کمتر ہو اور میں انفاق کرنے والا بڑا آدمی ہوں، اس طرح انفاق کا عمل ضائع ہوجائے گا (لَا یُتۡبِعُوۡنَ۔۔۔مَنًّا وَّ لَاۤ اَذًی)۔ انسان کا ایک عمل اس کے دوسرے عمل پر اثر چھوڑتا ہے، کبھی ایک عمل دوسرے عمل کو برباد کرسکتا ہے۔ انفاق فقر کا علاج ہے لیکن احسان جتانے سے یہ انفاق فقراء میں درد و تکلیف لے آتا ہے (یُنۡفِقُوۡنَ ۔۔۔لَا یُتۡبِعُوۡنَ۔۔۔ مَنًّا وَّ لَاۤ اَذًی)۔ اللہ تعالیٰ نے انفاق کرنے والوں کے لیے اچھے مستقبل کی ضمانت دی ہے (لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ)۔ جو شخص احسان چڑھائے بغیر اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے انفاق کرتا ہے تو اسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے اطمینان اور سکون قلب نصیب ہوتا ہے (لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ)۔

آیت ۲۶۳:

رسول خداﷺنے فرمایا: اگر تمہارے پاس کوئی سوالی آجائے تو اس کے ساتھ دو میں سے ایک طرح کا رویہ اپناؤ (بِبَذْلٍ يَسِيرٍ أَوْ بِرَدٍّ جَمِيلٍ)یا تو جو کچھ تمہارے بس میں ہے اتنی مقدار میں اس کی مدد کردو یا مناسب اور شائستہ طریقہ سے اسے جواب دو۔ فقیر کی شخصیت اور آبرو کی حفاظت کی جائے، یہ اس کے پیٹ کی حفاظت سے زیادہ اہم ہے (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ۔۔۔خَیۡرٌ مِّنۡ صَدَقَۃٍ)۔ فقیر کو پیارو محبت اور ہمدردی کے ساتھ ایسے مفید عمل کی رہنمائی کرو جو اس کی زندگی کو سنوار دے (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ)۔ انفاق اخلاق کے ساتھ ہونا چاہیے (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ۔۔۔خَیۡرٌ مِّنۡ صَدَقَۃٍ)۔ فقیر سے اچھے انداز سے بات چیت کرنا اس کے دل کی راحت اور اس میں رشد و ترقی کا سبب بنے گا جبکہ منت چڑھاتے ہوئے صدقہ دینے سے کچھ بھی حاصل نہ ہوگا (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ۔۔۔خَیۡرٌ مِّنۡ صَدَقَۃٍ)۔ اگر فقیر اپنی تنگدستی اور پریشانی کی وجہ سے کچھ غیر مناسب جملے کہہ دے تو اسے محسوس نہ کریں (مَغۡفِرَۃٌ)۔ معاشرہ میں جو روایت چل رہی ہو گفتگو اور عمل میں اس کا لحاظ رکھا جائے (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ)۔

آیت ۲۶۴:

یہ آیت لوگوں کے باطن کو بیان کررہی ہے۔کچھ لوگ ایسے ہیں جو ریاکاری اور دکھاوے کے لیے انفاق کرتے ہیں۔ ان کے عمل کا ظاہر مٹی کی مانند نرم ہے لیکن ان کا باطن پتھر سے بھی زیادہ سخت ہے جس میں کوئی چیز داخل نہیں ہوسکتی۔ منت چڑھانا اور احسان جتا کر فقیر کو اذیت دینا انفاق اور صدقات کے ثواب کو ضائع کردیتا ہے (لَا تُبۡطِلُوۡا)۔ ریاکاری اللہ تعالیٰ اور قیامت پر ایمان نہ ہونے کی نشانی ہے (یُنۡفِقُ مَالَہٗ رِئَآءَ النَّاسِ وَ لَا یُؤۡمِنُ بِاللّٰہِ)۔ انفاق اہم نہیں ہے بلکہ انفاق کرنے والے کا باطنی جذبہ اور اس کی نیت اہم ہے (رِئَآءَ النَّاسِ)۔ منت چڑھانے والا شخص ریاکار اور کافر ہے اور کافر برباد و تباہ ہے(فَمَثَلُہٗ) کی تعبیر تین گروہوں پر لاگو ہے۔ ریا کار آخر کار رسوا ہوگا، حوادث اور پیش آمدہ حالات حقائق کوکھول دیتے ہیں (فَتَرَکَہٗ صَلۡدًا)۔ ریا کار نہ فقط اخروی ثواب سے محروم ہوتا ہے بلکہ روحانی کمال اور ارتقا سے بھی محروم رہ جاتا ہے (لَا یَقۡدِرُوۡنَ عَلٰی شَیۡءٍ)کچھ بھی اسے نصیب نہیں ہوتا۔ منت چڑھانے والا اور ریاکار کفر کےدائرہ میں آتا ہے(لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 265 تا 269
وَمَثَلُ ٱلَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمۡوَٰلَهُمُ ٱبۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ ٱللَّهِ وَتَثۡبِيتٗا مِّنۡ أَنفُسِهِمۡ كَمَثَلِ جَنَّةِۭ بِرَبۡوَةٍ أَصَابَهَا وَابِلٞ فَـَٔاتَتۡ أُكُلَهَا ضِعۡفَيۡنِ فَإِن لَّمۡ يُصِبۡهَا وَابِلٞ فَطَلّٞۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ بَصِيرٌ ٢٦٥ أَيَوَدُّ أَحَدُكُمۡ أَن تَكُونَ لَهُۥ جَنَّةٞ مِّن نَّخِيلٖ وَأَعۡنَابٖ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُ لَهُۥ فِيهَا مِن كُلِّ ٱلثَّمَرَٰتِ وَأَصَابَهُ ٱلۡكِبَرُ وَلَهُۥ ذُرِّيَّةٞ ضُعَفَآءُ فَأَصَابَهَآ إِعۡصَارٞ فِيهِ نَارٞ فَٱحۡتَرَقَتۡۗ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمُ ٱلۡأٓيَٰتِ لَعَلَّكُمۡ تَتَفَكَّرُونَ ٢٦٦ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ أَنفِقُواْ مِن طَيِّبَٰتِ مَا كَسَبۡتُمۡ وَمِمَّآ أَخۡرَجۡنَا لَكُم مِّنَ ٱلۡأَرۡضِۖ وَلَا تَيَمَّمُواْ ٱلۡخَبِيثَ مِنۡهُ تُنفِقُونَ وَلَسۡتُم بِـَٔاخِذِيهِ إِلَّآ أَن تُغۡمِضُواْ فِيهِۚ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ غَنِيٌّ حَمِيدٌ ٢٦٧ ٱلشَّيۡطَٰنُ يَعِدُكُمُ ٱلۡفَقۡرَ وَيَأۡمُرُكُم بِٱلۡفَحۡشَآءِۖ وَٱللَّهُ يَعِدُكُم مَّغۡفِرَةٗ مِّنۡهُ وَفَضۡلٗاۗ وَٱللَّهُ وَٰسِعٌ عَلِيمٞ ٢٦٨ يُؤۡتِي ٱلۡحِكۡمَةَ مَن يَشَآءُۚ وَمَن يُؤۡتَ ٱلۡحِكۡمَةَ فَقَدۡ أُوتِيَ خَيۡرٗا كَثِيرٗاۗ وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّآ أُوْلُواْ ٱلۡأَلۡبَٰبِ ٢٦٩
ترجمہ
وہ لوگ جواللہ کی رضا اور اپنی روح کی نشو نما کے لیے اپنے اموال سے انفاق کرتے ہیں تو ان کی مثال اس باغ کی ہے جو بلند چوٹی پر ہو اور اس پرموسلادھار بارش برسے اور چند برابر پھل دیتا ہے اگر موسلادھار بارش نہ برسے (ہلکی بارش اور شبنم اسے پہنچے) تو وہ باغ ہمیشہ شاداب رہے، جو کچھ تم انجام دیتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۶۵) کیا تم سے کوئی ہے جو اسے پسند کرے کہ اس کے لیے انگور اور کھجور کا باغ ہو اور اس باغ کے درختوں کے نیچے سے نہریں گزریں اور اس کے لیے اس باغ میں ہر قسم کا میوہ موجود ہو جبکہ وہ بڑھاپے کو پہنچ چکا ہو اور اس کے ناتوان بچے ہوں اور ناگہاں یہ باغ ایک ایسے بگولے کی زد میں آجائے جس میں آگ ہو اور وہ جل جائے؟ اللہ یوں تمہارے لیے نشانیاں کھول کر بیان کرتا ہے شاید تم غور و فکر کرو۔(۲۶۶) اے ایمان والو! جو پاکیزہ اموال کو حاصل کرچکے ہو اور ہم نے جو کچھ تمہارے لیے زمین سے اگایا ہے اس سے انفاق کرو اور انفاق کے لیے ناپاک اور گھٹیا چیزوں کی طرف مت جاؤ جبکہ تم خود ان کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے مگر وہ جس سے تم چشم پوشی کرلو اور تم ناچار ہو، یہ جان لو کہ اللہ بے نیاز اور تعریف کے لائق ہے۔(۲۶۷) شیطان تمہیں فقر اور تنگدستی سے ڈراتا ہے اور تمہیں برائی کی طرف بلاتا ہے لیکن اللہ اپنی جانب سے تمہیں بخشش کا وعدہ دیتا ہے اور بڑھاتا بھی ہے، اللہ وسعت دینے والا اور دانا ہے۔(۲۶۸) وہ جسے چاہتا ہے حکمت عطا فرماتا ہے اور جس کسی کو حکمت دی گئی ہو تو اسے بہت زیادہ خیر دے دی گئی ہے لیکن عقلمندوں کے سواء کوئی نصیحت نہیں لیتا۔(۲۶۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۶۵:

اگر ہدف اللہ تعالیٰ کی رضا، ہدایت اور روحانی کمال حاصل کرنا ہو تو انسان کے اعمال باثمر ہوتے ہیں (ابۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ اللّٰہِ۔۔۔فَاٰتَتۡ اُکُلَہَا ضِعۡفَیۡنِ)۔ اخلاص آسانی سے ہاتھ میں نہیں آتا بلکہ اس کو پانے کے لیے پوری سنجیدگی سے سعی و تلاش کرنا پڑتا ہے (ابۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ اللّٰہِ)۔ اگر ہمارا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا ہو تو ہم نورانی جلوؤں سے محروم نہ ہوں گے، معاشرہ میں مخلص افراد کا احترام ریاکاروں اور دکھاوے کےلیے کام کرنے والوں سے زیادہ ہے (جَنَّۃٍۭ بِرَبۡوَۃٍ)خالص اور ہر قسم کے نام و نمود اور ریاکاری سے پاک انفاق اس کھیت کی مانند ہے جو پہاڑ کے دامن میں یا دریا سے اوپر کی زمین میں ہوتا ہے کہ سب لوگ اسے دیکھ کر محظوظ ہوتے ہیں۔ تمام تر سہولیات اور اختیارات سے استفادہ کرنا اہم ہے، یہ اہم نہیں کہ بارش آہستہ آہستہ برس رہی ہو یا تیز اور موسلادھار ہو اہم یہ ہے کہ زمین بارش کے پانی کو اپنے اندر جذب کرلے (فَاِنۡ لَّمۡ یُصِبۡہَا وَابِلٌ فَطَلٌّ)۔

آیت ۲۶۶:

جب انسان بوڑھا ہوجائے اور عیال بھی رکھتا ہو تو اس کی پیداواری صلاحیت ختم ہو جاتی ہے جبکہ اس وقت اس کی ضروریات زیادہ ہوتی ہیں۔ ایسی صورت میں اگر اس کی پیداواری صلاحیت بھی ختم ہوجائے تو وہ ذلیل و خوار ہوجاتا ہے۔ قیامت کے دن ایک طرف انسان کے پاس عمل صالح انجام دینے کی طاقت اور اختیار نہ ہو گی۔ دوسری طرف اس کی ضرورت بے حد بڑھ چکی ہوگی، ایسی صورت میں اگر اس کی نیکیاں ریاکاری اور دوسروں پر منت چڑھانے کی وجہ سے محو اور ختم ہوچکی ہوں تو اس کے لیے اس سے بڑھ کر ذلت کیا ہوگی؟ کھجور اور انگور تمام پھلوں میں مفید ترین پھل ہیں، قرآن مجید میں ان دو کا بار بار نام آیا ہے جو ان کی اہمیت کو بتا رہا ہے۔ پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: (لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ) کہو، (لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ) کہنے والے کے لیے جنت میں ایک درخت لگادیا جاتا ہے۔ ایک آدمی نے اٹھ کر عرض کیا: اس طرح تو جنت میں ہمارے بہت سارے درخت ہوں گے۔ آنحضرتﷺ نے فرمایا: جی ہاں! ٹھیک کہتے ہو لیکن شرط یہ ہے کہ ان کو جلانے کے لیے آگ نہ بھیجنا جو ان سب کو جلا کر راکھ کردے(گناہ آگ ہے جو نیکی کو جلا دیتی ہے)۔ قدرتی مناظر سے مثال پیش کرو کہ ان مثالوں کو زمانہ، جگہ اور نسل ختم نہیں کرتی نہ ہی ان کااثر تبدیل ہوتا ہے (جَنَّۃٌ مِّنۡ نَّخِیۡلٍ وَّ۔۔۔)۔ انفاق کرنے کے بعد منت چڑھانا اور اذیت دینا اس آندھی کی مانند ہے جو سر سبز باغ کو ویران کردیتی ہے اور اس آگ کی مانند ہے جو سرسبز باغ کو لگ جائے (فَاحۡتَرَقَتۡ)۔ ترقی و ہدایت پانا تدریجی عمل ہے لیکن تخریب، ویرانی اور عمل کا ضائع ہوجانا ایک لمحہ میں ہوجاتا ہے (فَاَصَابَہَاۤ اِعۡصَارٌ فِیۡہِ نَارٌ فَاحۡتَرَقَتۡ)۔ قرآنی مثالیں فکر کرنے اور سوچنے والوں کے لیے ہیں (لَعَلَّکُمۡ تَتَفَکَّرُوۡنَ)۔

آیت ۲۶۷:

سابقہ آیات میں انفاق کرنے والوں کی شرائط بیان ہوئیں، اس آیت میں ان چیزوں کو بیان کیا گیا ہے جن کے ذریعہ محروم طبقات کی مدد کی جائے۔ امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: کچھ مسلمان سود سے حاصل شدہ مال فقراء پر خرچ کرتے تھے، اس آیت میں مال حرام سے فقراء کی مدد کرنے سے روکا گیا ہے۔ انفاق کا مقصد بخل و کنجوسی سے نجات ہے، بے قدر و بے حیثیت چیزوں سے چھٹکارا حاصل کرنا مقصود نہیں (اَنۡفِقُوۡا مِنۡ طَیِّبٰتِ مَا کَسَبۡتُمۡ)۔ بخشش اور عطیہ اس سے نہ دینا جو زحمت کے بغیر ہاتھ میں آیا ہے بلکہ اس مال سے دینا ہے جسے مشقت سے حاصل کیا گیا ہو (مَا کَسَبۡتُمۡ)۔ انفاق میں محروموں کی عزت و کرامت محفوظ ہو (وَ لَا تَیَمَّمُوا الۡخَبِیۡثَ)۔ انسان کا وجدان پسندیدہ عمل کی پہچان کا بہترین وسیلہ ہے، ناپسندیدہ عمل کو وجدان و ضمیر سے جان سکتے ہیں، جو تمہاری اپنی پسند ہے اسی سے خرچ کرو، جسے تم پسند نہیں کرتے ہو وہ انفاق کے لائق نہیں (لَسۡتُمۡ بِاٰخِذِیۡہِ اِلَّاۤ اَنۡ تُغۡمِضُوۡا فِیۡہِ)۔ ہر مالدار یہ احتمال دے کہ کبھی وہ بھی فقیر بن سکتا ہے، ہو سکتا ہے آج جو تمہارا دینےوالا ہاتھ ہے کل یہی ہاتھ لینےوالا ہو (بِاٰخِذِیۡہِ)۔ فقراء کا ناپسندیدہ مال کو لے لینا اس بات کی نشانی نہیں کہ وہ اس سے خوش ہیں بلکہ یہ ان کے استحصال کی نشانی ہے۔ بعض دفعہ تم بھی چشم پوشی کرتے ہو ئے ہوسکتا ہے کسی چیز کو دوسرے سے لے لو (تُغۡمِضُوۡا) لیکن یہ اس بات کی دلیل نہیں کہ تم دل سے راضی ہو، اللہ تعالٰی انفاق کئے ہوئے مال کو خود تمہاری طرف پلٹاتا ہے وگرنہ اللہ تعالیٰ تو غنی و بے نیاز ہے (اَنَّ اللّٰہَ غَنِیٌّ حَمِیۡدٌ)۔

آیت ۲۶۸:

جب انسان انفاق کرنا چاہتا ہے تو شیطان اس کے پاس آتا ہے اور اس کے دل میں یہ بات ڈالتا ہے کہ اگر تم آج انفاق کرو گے تو کل تم اس مال کے محتاج ہوگے، بہتر ہے کہ اپنے مال کو ضرورت کے وقت کے لیے ذخیرہ کر لو تاکہ بیماری اور ضرورت کے وقت اس سے فائدہ اٹھاؤ۔ یہ شیطانی وسوسے اور جھوٹے وعدے ہیں، ان پر کان مت دھرو۔ ہماری ضرورت کل قیامت کے دن اللہ تعالٰی سے مغفرت لینا ہے۔یہ ضرورت مستقبل میں پیش آنے والی دنیاوی زندگی کی ضروریات سے کئی درجہ زیادہ اور بڑی ہے۔ خبردار کہ آخرت کی آسائش اور آرام کے بدلے کبھی بھی دنیا کی آسائش اور آرام کا سودا نہ کرنا کیونکہ ان دونوں کا ایک دوسرے کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جاسکتا اس کی وجہ یہ ہے کہ: ۱۔ ہوسکتا ہے انسان بڑھاپے کی عمر تک پہنچنے سے پہلے ہی مر جائے، یا بڑھاپے کی عمر کو پہنچ جائے لیکن محتاج نہ ہو جبکہ قیامت میں اس کی ضرورت اور حاجت یقینی اور حتمی ہے۔ ۲۔ ہوسکتا ہے کہ جس مال کو اپنے مستقبل کے لیے ذخیرہ کر رکھا ہے یہ مال باقی نہ رہے اور ضائع ہوجائے یا چوری ہوجائے لیکن آج کا انفاق یقینی اور حتمی طور پر کل قیامت کے لیے موجود اور باقی رہے گا۔ ۳۔ ہوسکتا ہے کہ جس مال کو انسان اپنے مستقبل کے لیے ذخیرہ کرلیتا ہے وہ مستقبل میں اس مال سے استفادہ کرنے کے قابل نہ ہو جبکہ قیامت کے دن انفاق سے فائدہ اٹھانا یقینی ہے۔ ۴۔ دنیاوی زندگی کے مستقبل کے لیےذخیرہ کئے گئے مال سے استفادہ وقتی اور عارضی ہے جبکہ انفاق کئے گئے مال سے استفادہ ابدی ہے۔ شیطان انسان کو اس کے پسندیدہ مال سے انفاق کرنے سے روکتا ہے (اَنۡفِقُوۡا مِنۡ طَیِّبٰتِ۔۔۔ اَلشَّیۡطٰنُ یَعِدُکُمُ الۡفَقۡرَ۔۔۔)۔ انسان اللہ تعالیٰ کے راستہ اور شیطان کے راستہ میں سے ایک کا انتخاب کرنے میں آزاد ہے (اَلشَّیۡطٰنُ یَعِدُکُمُ ۔۔۔وَ اللّٰہُ یَعِدُکُمۡ)۔ انسان کے وہ دوست احباب جو اسے انفاق کرنے سے روکتے ہیں اور مستقبل سے ڈراتے ہیں وہ شیطان کے کارندے ہیں (اَلشَّیۡطٰنُ یَعِدُکُمُ)۔ فقر اور فحاشی کے درمیان تعلق اور رابطہ ہے (یَعِدُکُمُ الۡفَقۡرَ وَ یَاۡمُرُکُمۡ بِالۡفَحۡشَآءِ)۔ انفاق مال میں اضافہ اور گناہوں کی بخشش کا سبب ہے(اَنۡفِقُوۡا۔۔۔اللّٰہُ یَعِدُکُمۡ مَّغۡفِرَۃً مِّنۡہُ وَ فَضۡلًا)۔ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور شیطانی وسوسوں کا مقابلہ کریں، فقر کے ڈر کے سامنے اللہ تعالیٰ کے فضل اور اس کی مہربانی کو یاد رکھیں (مَغۡفِرَۃً مِّنۡہُ وَ فَضۡلًا)۔ ہر وہ سوچ اور وہم و خیال جو تمہارے لیے تنگ نظری، خوف اور منفی اثرات لانے کا سبب بنے وہ شیطانی ہے اور ہر وہ سوچ جو تمہارے اندر توکل، آگے بڑھنےاور وسعت قلبی کا سبب بنے وہ الٰہی سوچ ہے (وَ اللّٰہُ یَعِدُکُمۡ مَّغۡفِرَۃً مِّنۡہُ وَ فَضۡلًا)۔

آیت ۲۶۹:

(اَلۡبَاب) لُب کی جمع ہے جو مغز کے معنی میں ہے۔ تمام انسانوں کو اولوالالباب نہیں کہا جاتا بلکہ فقط ان افراد کو عقلمند (اُولُوا الۡاَلۡبَاب) کہا جاتا ہے جو اپنی عقل کو استعمال کرتے ہیں اور زندگی کے اصلی راستہ اور سعادت کو پا لیتے ہیں۔ کائنات کے اسرار کو پہچاننے اور حقائق بارے آگہی حاصل کرنے اور حق تک پہنچنے کے ذریعہ کو حکمت کہا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ بعض افراد کو ان کی پاکیزگی،تقویٰ اور محنت و جدوجہد کے نتیجہ میں حکمت عطا فرماتا ہے تاکہ شیطانی وسوسوں کو الٰہی الہامات کے وسیلہ سے پہچان لیں، گڑھے کو ہموار راستہ سے جدا کرسکیں، نعرہ کو شعور اور حقیقت سے تشخیص دے سکیں، یہی خیر کثیر ہے۔ احادیث میں ہے کہ حکمت دین میں تفقہ اور اس کی معرفت حاصل کرنا ہے۔ حکمت اللہ تعالیٰ کی اطاعت، امام کی معرفت اور گناہوں سے پرہیز کرنا ہے۔ اگرچہ مال و ثروت خیر کثیر ہے لیکن خیر کثیر کی تشخیص دینے کی قدرت رکھنا اور اس خیر کثیر سے انفاق کرنے والا ہی خیر کثیر کو پا لیتا ہے (اَنۡفِقُوۡا مِنۡ طَیِّبٰتِ ۔۔۔ یُؤۡتِی الۡحِکۡمَۃَ)۔ شیطان فقر کا وعدہ دیتا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ مغفرت اور فضل کا وعدہ دیتا ہے، ان میں سے ہر ایک کی تشخیص اور اسے پہچاننے کے لیے حکمت کی ضرورت ہے (یُؤۡتِی الۡحِکۡمَۃَ)۔ پوری دنیا متاع قلیل ہے (مَتَاعُ الدُّنْیَا قَلِیلٌ)’’انبیاء، ۷۷‘‘ لیکن حکمت خیر کثیر ہے۔ اگر تمام مادی وسائل کو حکمت کے حصول اور صحیح سوچ کے مالک ہونے پر خرچ کردیں تو اس کی قدر و قیمت ہے (فَقَدۡ اُوۡتِیَ خَیۡرًا کَثِیۡرًا)۔ حکمت تمام خیرات کی اصل ہے، جس کے پاس حکمت ہوگی تو اس کے پاس بہت زیادہ خیرات آجاتی ہیں (وَ مَنۡ یُّؤۡتَ الۡحِکۡمَۃَ فَقَدۡ اُوۡتِیَ خَیۡرًا کَثِیۡرًا)۔ ہر شخص حکمت کی اہمیت کو سمجھ نہیں سکتا(وَ مَا یَذَّکَّرُ اِلَّاۤ اُولُوا الۡاَلۡبَابِ)مال کےلالچی اور دنیا پرست جو مادی حیات پر بھروسہ کرتے ہیں وہ تمام نفع و نقصان کو مادی معیارات پر پرکھتے ہیں جبکہ دوراندیش اورعقلمند راستہ کی تشخیص دینے والے دانشمند دوسرے معیارات پر حالات کا جائزہ لیتے ہیں۔ اس لیے اس آیت میں ان کا حوالہ دیا گیا ہے۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 270 تا 274
وَمَآ أَنفَقۡتُم مِّن نَّفَقَةٍ أَوۡ نَذَرۡتُم مِّن نَّذۡرٖ فَإِنَّ ٱللَّهَ يَعۡلَمُهُۥۗ وَمَا لِلظَّٰلِمِينَ مِنۡ أَنصَارٍ ٢٧٠ إِن تُبۡدُواْ ٱلصَّدَقَٰتِ فَنِعِمَّا هِيَۖ وَإِن تُخۡفُوهَا وَتُؤۡتُوهَا ٱلۡفُقَرَآءَ فَهُوَ خَيۡرٞ لَّكُمۡۚ وَيُكَفِّرُ عَنكُم مِّن سَيِّـَٔاتِكُمۡۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ خَبِيرٞ ٢٧١ ۞ لَّيۡسَ عَلَيۡكَ هُدَىٰهُمۡ وَلَٰكِنَّ ٱللَّهَ يَهۡدِي مَن يَشَآءُۗ وَمَا تُنفِقُواْ مِنۡ خَيۡرٖ فَلِأَنفُسِكُمۡۚ وَمَا تُنفِقُونَ إِلَّا ٱبۡتِغَآءَ وَجۡهِ ٱللَّهِۚ وَمَا تُنفِقُواْ مِنۡ خَيۡرٖ يُوَفَّ إِلَيۡكُمۡ وَأَنتُمۡ لَا تُظۡلَمُونَ ٢٧٢ لِلۡفُقَرَآءِ ٱلَّذِينَ أُحۡصِرُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ لَا يَسۡتَطِيعُونَ ضَرۡبٗا فِي ٱلۡأَرۡضِ يَحۡسَبُهُمُ ٱلۡجَاهِلُ أَغۡنِيَآءَ مِنَ ٱلتَّعَفُّفِ تَعۡرِفُهُم بِسِيمَٰهُمۡ لَا يَسۡـَٔلُونَ ٱلنَّاسَ إِلۡحَافٗاۗ وَمَا تُنفِقُواْ مِنۡ خَيۡرٖ فَإِنَّ ٱللَّهَ بِهِۦ عَلِيمٌ ٢٧٣ ٱلَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمۡوَٰلَهُم بِٱلَّيۡلِ وَٱلنَّهَارِ سِرّٗا وَعَلَانِيَةٗ فَلَهُمۡ أَجۡرُهُمۡ عِندَ رَبِّهِمۡ وَلَا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ٢٧٤
ترجمہ
وہ مال جسے تم نے انفاق کیا ہے یا تم نے کوئی نذر و منت مانی ہے تو اللہ یقینی طور پر اسے جانتا ہے، ظالموں کے لیے کوئی مددگار نہیں۔(۲۷۰) اگر صدقات کو آشکار دو تو یہ کام اچھا ہے لیکن اگر ان صدقات کو پوشیدہ طور پر حاجت مندوں کو دیتے ہو تو یہ تمہارے لیے بہتر ہے اور یہ آپ کے کچھ گناہوں کا کفارہ بنتے ہیں، جو تم انجام دیتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۷۱) ان کا ہدایت کو لے لینا تمہارے ذمہ نہیں ہے، اللہ جسے چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے جو مال تم انفاق کرتے ہو وہ خود تمہارے (فائدہ کے) لیے ہے، اللہ کی رضا حاصل کرنے کی نیت کے بغیر تم انفاق نہ کرو، جو مال تم انفاق کرتے ہو تو اس کا ثواب پورا پورا حاصل کرو گے اور تمہارے اوپر ظلم نہ کیا جائے گا۔(۲۷۲) (انفاق اور صدقہ) ان حاجت مندوں کے لیے ہے جو اللہ کے راستے میں تنگی میں ڈال دئے گئے ہیں (وطن سے نکال دئے گئے ہیں یا محاذ جنگ پر ہیں اور اخراجات کو پورا کرنے کے لیے) سفر نہیں کرسکتے، جاہل لوگ ان کی پاکدامنی کی وجہ سے انہیں مالدار خیال خیال کرتے ہیں( کہ انہیں کچھ ضرورت نہیں ہے) تم انہیں ان کے چہروں سے پہچانتے ہو وہ کبھی اصرار کر کے لوگوں سے کچھ نہیں مانگتے، آپ جو بھی انفاق کرو یقیناً خدا اس سے آگاہ ہے۔(۲۷۳) جو لوگ اپنے اموال کو رات یا دن کو پوشیدہ طور پر یا آشکار انفاق کرتے ہیں ان کا اجر ان کے رب کے پاس ہے، ان کے لیے خوف نہیں ہے اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔(۲۷۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۷۰:

اللہ تعالیٰ ہمارے انفاق سے باخبر ہے اس لیے ہمیں اپنے مال کو بہترین اور بلند ترین اہداف کے لیے خرچ کرنا چاہ یے(مَاۤ اَنۡفَقۡتُمۡ ۔۔۔فَاِنَّ اللّٰہَ یَعۡلَمُہٗ)۔ انفاق کرنا صرف ان لوگوں پر لازم نہیں جن کے پاس مال و دولت زیادہ ہو بلکہ جن کے پاس مال کم ہو انہیں بھی انفاق کرنا چاہیے (مِنۡ نَّفَقَۃٍ) بعض دفعہ پانی کے حوض میں موسم خزاں کا گرا ہوا ایک زرد پتہ کتنی زیادہ چیونٹیوں کے لیے نجات کی کشتی بن جاتا ہے۔ اس بات پر ایمان کہ اللہ تعالیٰ جانتا ہے انفاق کرنے اور نذر اور منت کو پورا کرنے کے لیے بہترین حوصلہ افزائی ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ یَعۡلَمُہٗ)۔ نیکی کی ترغیب دلانا اور برائی سے خبردار کرنا دونوں اکٹھے رشد و ہدایت کا سبب بنتے ہیں (فَاِنَّ اللّٰہَ یَعۡلَمُہٗ)کا جملہ ترغیب دلانے کے لیے اور(مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ اَنۡصَارٍ)خبردار کرتا ہے کہ جو انفاق نہیں کرتے وہ ظالم ہیں۔ نذر اور منت کو پورا کرنا واجب ہے اور اسے پورا نہ کرنا ظلم ہے (نَذَرۡتُمۡ۔۔۔مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ)۔ محروموں پر ظلم و زیادتی کرنےوالے کا کوئی مددگار نہیں ( وَ مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ اَنۡصَارٍ)۔ جب اللہ تعالیٰ کا غضب (عذاب کی شکل میں) آتا ہے تو اس میں نہ مال کام آتا ہے اور نہ ہی لوگوں سے کوئی فائدہ پہنچا سکتا ہے ( وَ مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ اَنۡصَارٍ)۔ سزا جرم کے مطابق ہوا کرتی ہے، جو شخص انفاق کے ذریعہ دوسروں کا مددگار اور ناصر نہیں تو آخرت میں دوسرے لوگ اس کے یاور و مددگار نہیں ہوں گے ( وَ مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ اَنۡصَارٍ)۔

آیت ۲۷۱:

امام محمد باقر علیہ السلام نے اس آیت کے ذیل میں فرمایا:واجب زکات کو علنی اور آشکار طور پر دو لیکن مستحب زکات کو پوشیدہ طریقہ سے دو۔ اگرچہ یہ آیت مالی امدادات کے متعلق ہے لیکن اسلامی ثقافت میں ہر نیکی کے کام کوصدقہ کہا گیا ہے یہاں تک کہ راستہ پر پڑے ہوئے پتھر کو ہٹانا بھی صدقہ ہے، محروموں کی علمی امداد کرنا بھی صدقہ ہے، کسی کو اپنا ہنر سکھانا اور دوسروں کی عزت و آبرو بچانا بھی صدقہ ہے۔ علنی انفاق دوسروں کو انفاق کی ترغیب دلانے کا سبب بنتا ہےاور انسان سے بخیل ہونے کی تہمت کو دور کرنے کا وسیلہ ہے نیز یہ ایک طرح کی عملی تبلیغ ہے (فَنِعِمَّا ہِیَ)۔ اگرچہ زکات اور صدقہ کے بہت سارے مصارف ہیں لیکن آیت میں فقراء کا نام لیا جانا ان کی اولویت اور دوسرے مصارف پر ان کی ترجیح کو بیان کرتا ہے (تُؤۡتُوۡہَا الۡفُقَرَآءَ)۔ مالداروں کو چاہیے کہ وہ فقرا ء کی جستجو میں جائیں نہ کہ فقراء ان کی تلاش میں آجائیں(تُؤۡتُوۡہَا الۡفُقَرَآءَ) یہ نہیں فرمایا: (یاتکم الفقراء)۔ پوشیدہ طریقہ سے انفاق کرنا ریاکاری اور خود نمائی سے دوری اور اخلاص کے زیادہ قریب ہے نیز اس طرح کا صدقہ امداد لینے والے کی عزت و آبرو کی حفاظت کرتاہے (فَہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ)۔ ہر انسان میں منفعت طلبی اور خیرخواہی کی حس موجود ہے۔ تاہم بعض دفعہ مصداق کی تلاش میں وہ شر اور برائی کی طرف چلا جاتا ہے،۔ اس لیے پیغمبراکرمﷺ نے حدیث میں خیر اور بہتری کے مصادیق کو بیان فرمایا ہے۔ فقراء کی مدد انسان کے گناہان صغیرہ میں سے کچھ کا کفارہ بنتا ہے (یُکَفِّرُ عَنۡکُمۡ مِّنۡ سَیِّاٰتِکُمۡ) قرآن مجید میں (سَیِّاٰتِ)کی تعبیر، گناہان کبیرہ کے مقابل میں آئی ہے، گناہان صغیرہ کو (سیئات) کہا جاتا ہے جو (سیئہ) کی جمع ہے’’نساء۳۱‘‘۔ انفاق کے حوالے سے جو بات اہم ہے وہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ آگاہ ہے، اس حوالے سے لوگوں کی آگہی اور علم اہمیت نہیں رکھتا (وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ خَبِیۡرٌ)۔

آیت ۲۷۲:

تفاسیر میں اس آیت کے مختلف شان نزول بیان ہوئے ہیں۔ اس آیت کے مضمون سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلمان غیر مسلم اور مشرک فقراء کو صدقات و خیرات نہیں دیتے تھے۔ اس بارے کچھ شک میں تھے کہ ان کی مدد کریں یا نہ کریں۔ انہوں نے اس بارے رسول خداﷺ سے سوال کیا تو یہ آیت نازل ہوئی جس میں بتایا گیا کہ غیر مسلم فقراء کی بھی مدد کی جائے۔ پیغمبراکرمﷺ اور ائمہ اہل بیت علیہم السلام کی عملی سیرت میں ایسی امداد کے بہت سارے نمونے موجود ہیں جن میں غیر مسلم فقراء کی مدد کو دیکھا جاسکتا ہے۔ بلکہ انہوں نے ایسے افراد کو بھی امداد دی جنہوں نے ان کے ساتھ گستاخی کی یا انہیں گالیاں دی، آپ ایسے افراد کے بھی ہمدرد نظر آتے ہیں اور ان کے بارے بھی مہربان نظر آتے ہیں۔ مالی بحران اور انفاق نہ کرنے کو کفار کے ایمان لانے کا وسیلہ قرار نہ دو، یعنی یہ سوچ کر کہ کافروں پر معاشی دباؤ بڑھائیں اور ان کی مالی مشکلات حل نہ کریں تو وہ اس مشکل سے نکلنے کے لیے مسلمان ہوجائیں گے، اسلام میں ایسی سوچ اور اس طرح کے اقدام سے منع کیا گیا ہے(لَیۡسَ عَلَیۡکَ ہُدٰىہُمۡ ۔۔۔ وَ مَا تُنۡفِقُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ فَلِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ ہدایت، الٰہی توفیق سے ملتی ہے، فقط وہی لوگ ہدایت پاتے ہیں جن کے دل اسے قبول کرنے پر آمادہ ہوں (یَہۡدِیۡ مَنۡ یَّشَآءُ)۔ محروموں پر نظر رکھنا اور ان کے مالی مسائل کو حل کرنا انسانی فرائض میں سے ایک ہے خواہ وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم، لہذا غیر مسلموں پر بھی انفاق کیا جائے (وَ مَا تُنۡفِقُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ فَلِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ اسلام، انسان دوستی کا مکتب ہے، لہذا فقر و تنگدستی غیر مسلموں کے لیے بھی پسند نہیں کرتا (وَ مَا تُنۡفِقُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ فَلِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ انفاق کا فائدہ خود آپ کے لیے ہے، تمہارے اندر سخاوت کی حالت کو زندہ کرتا ہے، انفاق کے ذریعہ طبقاتی اختلافات کو ختم کیا جاسکتا ہے،معاشرہ میں نامناسب حالات پیدا ہونے سے روکا جاسکتا ہے، یہ سب تمہاری اپنی حفاظت کے لیے ہے (فَلِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور کے لیے انفاق نہ کرو کیونکہ انفاق کے جتنے دنیاوی فوائد اور اثرات ہیں وہ جلد یا بدیر ختم ہوجائیں گے لیکن اگر انفاق اللہ تعالیٰ کے لیے ہو گا تو اس کے فوائد ابد تک باقی رہیں گے (اِلَّا ابۡتِغَآءَ وَجۡہِ اللّٰہِ)۔ مال و ثروت خیر ہے (مَا تُنۡفِقُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ)مال برا نہیں بلکہ انسان مال کو برائی پر خرچ کرکے اسے شر اور برا بنا دیتا ہے۔ انفاق کرنے میں آپ کا دل اور آپ کا ہاتھ کھلا ہونا چاہیے کیونکہ جو تم انفاق کرو گے وہ بغیر کمی بیشی کے واپس ملے گا (یُوَفَّ اِلَیۡکُمۡ)۔

آیت ۲۷۳:

تفاسیر کے مطابق یہ آیت اصحاب صفہ کے بارے ہے جو مکہ سے ہجرت کرکے مدینہ آئے تھے۔ مدینہ میں ان کے لیے گھر اور آشیانہ نہ تھا۔ پیغمبراکرمﷺ نے مسجد کے قریب ان کے لیے ایک بڑا چبوترہ بنا دیا تھا جس میں مکہ سے آنے والے یہ افراد رہائش پذیر تھے۔ یہ لوگ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کے لیے تیار رہتے تھے۔ دولتمندوں کے مال میں فقراء کا حصہ ہے (لِلۡفُقَرَآءِ)۔ ان افراد پر خصوصی توجہ دی جائے جو اللہ کی راہ میں جہاد کرتے ہیں، سرکش اور ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان ظالم حکمرانوں نے انہیں جیل میں رکھا ہے یا انہیں بے گھر یا جلا وطن کردیا ہے اور وہ تمام افراد جو اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرنے کے نتیجہ میں فقیر ہوئے ہیں(اُحۡصِرُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ لَا یَسۡتَطِیۡعُوۡنَ ضَرۡبًا)۔ جو لوگ سفر کر کے یا ہجرت کے ذریعہ کسی اور جگہ جاکر اپنی زندگی کی ضروریات کو پورا کرسکتے ہیں تو وہ لوگوں کی طرف سے انفاق کے انتظار میں نہ رہیں(لَا یَسۡتَطِیۡعُوۡنَ ضَرۡبًا فِی الۡاَرۡضِ)۔ اللہ تعالیٰ پاکدامن اور آبرومند فقراء کی تعریف کررہا ہے (یَحۡسَبُہُمُ الۡجَاہِلُ اَغۡنِیَآءَ)۔ یہ گمنام اور محترم فقراء دوسروں پر مقدم ہیں (تَعۡرِفُہُمۡ بِسِیۡمٰہُمۡ)۔ اگر آپ مشکل میں ہوں اور ضرورت مند ہوں تب بھی سوال کے لیے ہاتھ مت پھیلاؤ (لَا یَسۡـَٔلُوۡنَ النَّاسَ اِلۡحَافًا)بھیک مانگنا برا عمل ہے۔

آیت ۲۷۴:

شیعہ اور اہل سنت تفاسیر میں ہے کہ یہ آیت حضرت علی علیہ السلام کی شان میں نازل ہوئی ہے۔ آپ کے پاس صرف چار درہم موجود تھے۔ ان میں سے ایک درہم کو دن میں، ایک کو رات میں، ایک کو مخفیانہ اور ایک کو آشکار اللہ تعالیٰ کی راہ میں انفاق کردیا۔ شاید (الَّیۡل) کو (النَّہَارِ) پر اور (سِرًّا) کو (عَلَانِیَۃً) پر اس لیے مقدم کیا ہو کہ پوشیدہ اور رات کی تاریکی میں کیا گیا انفاق زیادہ قدر والا ہے۔ یہ آیت پچھلی چار آیات کا نتیجہ ہے جو علم کا انفاق، آبرو کا انفاق، واجب انفاق اور مستحب انفاق سب کو شامل ہے۔پچھلی چودہ آیات کا خلاصہ اس آیت میں ہے کہ انفاق کے اثرات کسی پر مخفی نہیں، منجملہ دولت و ثروت میں توازن، طبقاتی اختلاف کا کم ہونا، دلوں میں محبت پیدا ہونا، سخاوت کی صفت کا پروان چڑھنا اور ان سب سے بر تر اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہونا ہے۔ عربی لغت میں ’’انفاق‘‘ گڑھے کو بھرنے کے معنی میں ہے۔ شرعی اصطلاح میں مالی اور اس جیسی کمی اور ادھورے پن کو پورا کرنے کو انفاق کہا جاتا ہے۔ اسلامی نقطہ نظر سے فقراء پر توجہ دینے کا مطلب یہ نہیں کہ اسلام فقر اور غریبی کو پسند کرتا ہے کیونکہ احادیث کی رو سے ضرورت کے بغیر دوسروں سے امداد کی درخوات کرنا قابل مذمت عمل ہے۔ دوسری طرف بیان ہوا ہے کہ انفاق کی بہترین قسم فقراء کو نقد رقم دینے کی بجائے ان کے لیے روزگار کے وسائل فراہم کئے جائیں۔ ایثار اور سخاوت کا جذبہ اہم ہے۔ ایک دو دفعہ فقراء پر مہربانی کرتے ہوئے ان پر انفاق کرنا اہم نہیں، (یُنۡفِقُوۡنَ) فعل مضارع ہے جو استمرار اور جاری رکھنے کے معنی میں ہے۔ اجر الٰہی کی مقدار کا معین نہ ہونا اس کے وسیع ہونے کی نشانی ہے(اَجۡرُہُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کے وعدے نیک کاموں کی ترغیب دلانے کا سبب ہیں (فَلَہُمۡ اَجۡرُہُمۡ)۔ انفاق کے منجملہ برکات میں قلبی سکون، اطمینان اور معاشرہ میں امن و امان کا قیام شامل ہے(لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 275 تا 281
ٱلَّذِينَ يَأۡكُلُونَ ٱلرِّبَوٰاْ لَا يَقُومُونَ إِلَّا كَمَا يَقُومُ ٱلَّذِي يَتَخَبَّطُهُ ٱلشَّيۡطَٰنُ مِنَ ٱلۡمَسِّۚ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمۡ قَالُوٓاْ إِنَّمَا ٱلۡبَيۡعُ مِثۡلُ ٱلرِّبَوٰاْۗ وَأَحَلَّ ٱللَّهُ ٱلۡبَيۡعَ وَحَرَّمَ ٱلرِّبَوٰاْۚ فَمَن جَآءَهُۥ مَوۡعِظَةٞ مِّن رَّبِّهِۦ فَٱنتَهَىٰ فَلَهُۥ مَا سَلَفَ وَأَمۡرُهُۥٓ إِلَى ٱللَّهِۖ وَمَنۡ عَادَ فَأُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ٢٧٥ يَمۡحَقُ ٱللَّهُ ٱلرِّبَوٰاْ وَيُرۡبِي ٱلصَّدَقَٰتِۗ وَٱللَّهُ لَا يُحِبُّ كُلَّ كَفَّارٍ أَثِيمٍ ٢٧٦ إِنَّ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَعَمِلُواْ ٱلصَّٰلِحَٰتِ وَأَقَامُواْ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتَوُاْ ٱلزَّكَوٰةَ لَهُمۡ أَجۡرُهُمۡ عِندَ رَبِّهِمۡ وَلَا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ٢٧٧ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَذَرُواْ مَا بَقِيَ مِنَ ٱلرِّبَوٰٓاْ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ ٢٧٨ فَإِن لَّمۡ تَفۡعَلُواْ فَأۡذَنُواْ بِحَرۡبٖ مِّنَ ٱللَّهِ وَرَسُولِهِۦۖ وَإِن تُبۡتُمۡ فَلَكُمۡ رُءُوسُ أَمۡوَٰلِكُمۡ لَا تَظۡلِمُونَ وَلَا تُظۡلَمُونَ ٢٧٩ وَإِن كَانَ ذُو عُسۡرَةٖ فَنَظِرَةٌ إِلَىٰ مَيۡسَرَةٖۚ وَأَن تَصَدَّقُواْ خَيۡرٞ لَّكُمۡ إِن كُنتُمۡ تَعۡلَمُونَ ٢٨٠ وَٱتَّقُواْ يَوۡمٗا تُرۡجَعُونَ فِيهِ إِلَى ٱللَّهِۖ ثُمَّ تُوَفَّىٰ كُلُّ نَفۡسٖ مَّا كَسَبَتۡ وَهُمۡ لَا يُظۡلَمُونَ ٢٨١
ترجمہ
جو لوگ سود کھاتے ہیں وہ اپنی جگہ سے نہیں اٹھتے مگر ان کی طرح جو شیطان کے چھونے سے اپنا توازن کھو بیٹھتے ہیں یہ (آفت) اس وجہ سے ہے کہ انہوں نے کہا : سود خرید و فروخت کی مانند ہے، جبکہ اللہ نے خرید و فروخت کو جائز قرار دیا ہے اور سود کو حرام قرار دیا ہے، لہذا وہ شخص جس تک اللہ کی جانب سے وعظ (یاددھانی) آجائے تو وہ سودی کاروبار سے دور رہے، جو کچھ اس نے ماضی میں حاصل کررکھا ہے تو وہ مال اسی کا ہے اور اس کا معاملہ خدا کے سپرد ہے لیکن وہ جو سودی کاروبار میں واپس پلٹ جائیں تو وہ لوگ جہنم کی آگ میں ہوں گے اور اس میں ہمیشہ رہیں گے۔(۲۷۵) اللہ سود کو برباد کردے گا لیکن اللہ صدقات کو بڑھا تا ہے، اللہ ناشکرے( کافر) اور گنہگار کو دوست نہیں رکھتا۔(۲۷۶) جو لوگ ایمان لائے ہیں اور نیک اعمال انجام دئے ہیں اور نماز کو قائم کرتے ہیں اور زکات دیتے ہیں تو ان کا اجر اللہ کے پاس محفوظ ہے، نہ تو ان پر کسی قسم کا خوف ہے اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔(۲۷۷) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور جو کچھ سود سے باقی بچا ہے اسے چھوڑ دواگر تم ایمان رکھتے ہو۔(۲۷۸) اگر تم ایسا نہیں کرو گے تو اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کی حالت میں آگئے ہو، اگر تم توبہ کر لو تو اصل سرمایہ تو خود تمہارا اپنا ہے، نہ تم ستم کرو اور نہ ہی تمہارے اوپر ستم کیا جائے گا۔(۲۷۹) اور اگر قرض لینے والا تنگدست ہو تو اسے اس وقت تک مہلت دو جب تک اس کو کشائش حاصل ہوجائے اور اگر اس میں قرض واپس کرنے کی قدرت نہیں تو اسے معاف کردو تو یہ تمہارے لیے بہتر ہے اگر تم (اس کےنتائج کو) جانتے ہو۔(۲۸۰) اور اس دن سےڈرو کہ جس دن تم اللہ کی طرف پلٹائے جاؤ گے، پھر ہر ایک کو اس کے کئے کا بدلہ( بغیر کمی بیشی کے) دیا جائے گا، ان پر ستم نہیں کیا جائے گا۔(۲۸۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۷۵:

(رِبٰوا) کا معنی قرض دے کر اس سے زیادہ واپس لینا یا کسی جنس کو فروخت کر کے اس کے عوض اسی جنس کو زیادہ وصول کرنا ہے۔ بعض دفعہ انسان قرض دیتا ہے اور جو اس نے قرض دیا ہے اس سے زیادہ واپس لیتا ہے۔ اسے ربوی قرض کہا جاتا ہے’’سودی قرض‘‘ بعض دفعہ انسان جنس دیتا ہے جیسے گندم یا جو اور اس کے بدلے اسی جنس کو زیادہ مقدار میں وصول کرتا ہے تو یہ بھی ربا ’’سود‘‘ ہے۔ ان آیات میں سود خور کو اس آدمی سے تشبیہ دی گئی ہے جسے شیطان نے خبط کیا ہے۔ خبط کا معنی حرکات میں توازن کا نہ ہونا ہے۔ سود خور قیامت کے دن پاگلوں کی صورت میں محشور ہوگا۔ کیونکہ وہ اپنے عمل سے معاشرہ میں عدم توازن کا سبب ہوا۔ ایسے لوگوں کے نزدیک سود اصل جبکہ خرید و فروخت فرع ہے لہذا وہ کہتے ہیں کہ خرید و فروخت ’’کاروبار‘‘ ربا کی مانند ہے، ان دونوں میں کوئی فرق نہیں حالانکہ ان دونوں میں بڑا فرق ہے۔ انفاق سے متعلق آیات کے بعد ربا ’’سود‘‘ سے متعلق آیات آئی ہیں تاکہ ان دو جہات کو بیان کیا جائے، خیر و شر جو مال و دولت کے توسط سے پیدا ہوتا ہے۔ انفاق کا مطلب کسی حاجت مند کو بغیر بدلہ لینے کے مال دینا ہے جبکہ ربا کچھ دئے بغیر دوسرے سے مال وصول کرنا ہے۔ قرآن مجید میں ہے (یَمۡحَقُ اللّٰہُ الرِّبٰوا وَ یُرۡبِی الصَّدَقٰتِ) جو ثروت ربا ’’سود‘‘ کےوسیلہ سے آتی ہے اللہ اسے ختم کردیتا ہے لیکن صدقہ دینے سے مال میں اضافہ ہوتا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: اگر ربا ’’سود‘‘حلال ہوتا تو لوگ محنت مزدوری کو چھوڑ دیتے۔ امام رضا علیہ السلام نے بھی فرمایا: اگر ربا ’’سود خوری‘‘ عام ہوجائے تو قرض پر مال دینے کی روایت ہی ختم ہوجائے۔ حلال خرید و فروخت کو حرام ربا سے تشبیہ دینا سود خوروں کے فکری و نظریاتی عدم توازن کی نشانی ہے (یَتَخَبَّطُہُ الشَّیۡطٰنُ۔۔۔ بِاَنَّہُمۡ قَالُوۡۤا اِنَّمَا الۡبَیۡعُ مِثۡلُ الرِّبٰوا)۔ گناہ کے لیے جواز پیش کرنا گناہ کے لیے راستہ کھول دینے کے مترادف ہے (اِنَّمَا الۡبَیۡعُ مِثۡلُ الرِّبٰوا)۔ الٰہی احکام اور قوانین لوگوں کی تربیت کے لیے ہیں(جَآءَہٗ مَوۡعِظَۃٌ مِّنۡ رَّبِّہٖ)۔ جدید قوانین ماضی کے لوگوں پر لاگو نہ ہوں گے(فَلَہٗ مَا سَلَفَ)۔ جو نہ جانتے ہوئے گناہ کریں تو ان سے چشم پوشی کی جائے گی لیکن جو لوگ جان بوجھ کر اور آگاہانہ طور پر بار بار گناہ کا ارتکاب کرتے ہیں ان کے لیے کوئی رعایت نہیں(وَ مَنۡ عَادَ فَاُولٰٓئِکَ اَصۡحٰبُ النَّارِ)۔

آیت ۲۷۶:

ضروری نہیں کہ جو مال سود (ربا) سے حاصل کیا گیا ہے وہ ضائع ہو جائے، بلکہ ثروت کو زیادہ کرنے کے جو اثرات ہیں وہ ختم ہوجاتے ہیں۔ مثال کے طور پر کتنے زیادہ بڑے مالدار ایسے ہیں جو سود سے حاصل شدہ مال کے ہوتے ہوئے آرام و سکون سے محروم رہتے ہیں۔ وہ ہمیشہ پریشان اور غیر مطمئن ہوتے ہیں۔ جبکہ اپنے مال سے انفاق کرنے والے، قرض الحسنہ اور صدقہ دینے والے ہمیشہ پرسکون ہوتے ہیں اور معاشرے میں ان کے رویہ کے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بظاہر بڑھنے والے مال و دولت سے حیرانی میں نہ پڑو اور نہ ہی خوشحال ہو کیونکہ جس معاشی نظام کی بنیاد ربا پر ہو تو وہ نابود ہی ہوگا اور اس نظام کا خاتمہ ہوجائے گا (یَمۡحَقُ اللّٰہُ الرِّبٰوا)۔ صدقہ اور زکات معیشت کے استحکام اور رشد و ترقی کا سبب ہے (یُرۡبِی الصَّدَقٰتِ)۔ سود خور اللہ تعالیٰ کی رحمت اور محبت سے محروم ہوگا (وَ اللّٰہُ لَا یُحِبُّ کُلَّ کَفَّارٍ اَثِیۡمٍ)۔

آیت ۲۷۷:

سود خور جو ( کَفَّارٍ اَثِیۡمٍ) ہے کے مقابلے میں اس آیت میں مومنین کے چہرے کا نقشہ کھینچا گیا ہے تاکہ اس بات کی طرف اشارہ کیا جاسکے کہ جس معاشرہ سے سود کا خاتمہ ہوجائے تو ایسے معاشرہ میں نماز اور زکات کا ماحول پیداہوگا۔ لوگوں کے چار گروہ ہیں: ۱۔ ایک گروہ وہ ہے جو ایمان لائے اور نیک اعمال بجالاتے ہیں، یہ مومنین ہیں۔ ۲۔ ایک گروہ وہ ہے جو نہ تو ایمان لائے ہیں اور نہ ہی نیک اعمال کرتے ہیں، یہ کافر ہیں۔ ۳۔ ایک گروہ وہ ہے جو ایمان تو لائے ہیں لیکن نیک عمل نہیں کرتے، یہ لوگ فاسق ہیں۔ ۴۔ ایک گروہ وہ ہے جو ایمان نہیں رکھتے لیکن ایمان کا اظہار کرتے ہیں اور بظاہر نیک اعمال بھی کرتے ہیں، یہ منافقین ہیں۔ اسلام میں عبادتی مسائل کے علاوہ معاشی اور اقتصادی مسائل بھی بیان ہوئے ہیں۔ نماز کے ساتھ زکات بھی ہے (وَ اَقَامُوا الصَّلٰوۃَ وَ اٰتَوُا الزَّکٰوۃَ)۔ عمل صالح کے بعد نماز اور زکات کو بیان کرنے سے اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ تمام نیک اعمال میں ان دو اعمال کی بلند حیثیت ہے(عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ اَقَامُوا الصَّلٰوۃَ وَ اٰتَوُا الزَّکٰوۃَ)۔ سمجھدار آدمی وہ ہے جس کی نظر فقط اس پر نہیں جو اس کے پاس موجود ہے بلکہ اس کی نظر اپنے مستقبل پر بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے پاس اس کا بھیجا ہوا کیا کچھ موجود ہے (عِنۡدَ رَبِّہِمۡ)۔ حقیقی ایمان اور سکون، ایمان اور نیک عمل کے زیر سایہ ہے یعنی اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق سے تعلق و رابطہ رکھنا (لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ)۔

آیت ۲۷۸:

پیغمبراکرمﷺنے اس آیت کے بعد ایک خطبہ کے دوران فرمایا: زمانہ جاہلیت کے جتنے سودی کاروبار تھے ان سب کو اپنے پاؤں تلے روندتا ہوں، جبکہ ان سودی اموال میں سب سے زیادہ میرے چچا عباس کے پاس ہیں۔ زمانہ جاہلیت کے لوگوں میں سود خوری کا نظام رائج تھا، اسلام کے ابتدائی ایام میں مسلمان بھی سودی کاروبار کیا کرتے تھے (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا ۔۔۔ ذَرُوۡا)۔ سود لینے والا کسی منفعت کا مالک نہیں ہوتا۔ اسلامی نقطہ نظر سے سودی کاروبار سے وصول کئے گئے مال کے لیے قانونی حیثیت حاصل نہیں(ذَرُوۡا مَا بَقِیَ مِنَ الرِّبٰۤوا)۔ ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ مال حرام سے چشم پوشی کی جائے اور اسے چھوڑ دیا جائے(اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِیۡنَ)۔

آیت ۲۷۹:

اسلام نہ سود کی اجازت دیتا ہے اور نہ ہی استحصال کی اجازت دیتا ہے۔ اسلامی نظام ان نظاموں کی مانند نہیں جو حق مالکیت کو ختم کردیتے ہیں اور لوگوں سے ان کے اموال بحق سرکار ضبط کر لیتے ہیں اور قومی ملکیت قرار دیتے ہیں۔ سود خوری گناہ کبیرہ ہے کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ سے اعلان جنگ ہے (بِحَرۡبٍ مِّنَ اللّٰہِ)سود خور یہ خیال کرتے ہیں کہ ان کا واسطہ محروم اور کمزور طبقات سے ہے جبکہ ان کا واسطہ اللہ تعالیٰ سے ہے جو محروموں اور کمزور طبقات کا حامی ہے۔ سود خور کے لیے بھی توبہ کا دروازہ کھلا ہے (بِحَرۡبٍ مِّنَ اللّٰہِ۔۔۔وَ اِنۡ تُبۡتُمۡ)۔ سود خور اپنے اصل سرمائے کا مالک ہے لیکن سودی کاروبار سے حاصل شدہ منفعت کا مالک نہیں (فَلَکُمۡ رُءُوۡسُ اَمۡوَالِکُمۡ)۔ اسلامی اقتصاد میں نجی مالکیت کو قانونی تحفظ حاصل ہے (فَلَکُمۡ رُءُوۡسُ اَمۡوَالِکُمۡ)۔ سلطہ پذیری اور سلطہ گری دونوں قابل مذمت ہیں، نہ تو تم ظلم قبول کرو اور نہ ہی کسی پر ظلم کرو (لَا تَظۡلِمُوۡنَ وَ لَا تُظۡلَمُوۡنَ)۔ ان لوگوں کی مذمت اور سرزنش کرنا صحیح نہیں جو پہلے سود لیتے تھے لیکن اب انہوں نے توبہ کیا ہے اور سود نہیں لیتے (وَ اِنۡ تُبۡتُمۡ۔۔۔لَا تَظۡلِمُوۡنَ وَ لَا تُظۡلَمُوۡنَ)۔ لوگوں کو معاشی انصاف فراہم کرنا اسلامی حکومت کے فرائض سے ہے (لَا تَظۡلِمُوۡنَ وَ لَا تُظۡلَمُوۡنَ)۔

آیت۲۸۰:

اس آیت میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مقروض کو مہلت دی جائے لیکن مقروض اس سہولت سے غلط فائدہ مت اٹھائے۔ حدیث میں ہے جو لوگ بغیر کسی وجہ کے لیا ہوا قرض واپس نہ دیں تو ان پر چوری کا گناہ لکھا جائے گا۔ اسی طرح مہلت دینے والوں کے لیے شہدا جیسا ثواب درج ہوگا۔ ہر دن جو مقروض کو مہلت دی جائے تو اتنی مقدار مال جو اس نے مقروض سے لینا ہے ان کے نام صدقہ دینے کا ثواب لکھا جائے گا۔ جس مال کو بھلا دیا جاتا ہے لیکن نادار اور فقیر کو مال بخشنا کبھی نہیں بھلایا جاتا، محروم کے دل کو موہ لینا خالق کی رضا لینا، کمائی سے کئی درجہ بہتر ہے۔ دینی نقطہ نظر سے نہ صرف سود لینے سے منع کیا گیا ہے بلکہ یہ حکم دیا گیا ہے اصل مال اور قرض واپس لینے میں نرمی کرو (فَنَظِرَۃٌ اِلٰی مَیۡسَرَۃٍ)۔ فقیر مقروض کا قرضہ بخش دینا صدقہ ہے (وَ اَنۡ تَصَدَّقُوۡا خَیۡرٌ لَّکُمۡ)۔ اسلام کا قانونی اور اقتصادی نظام، اخلاقی نظام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ اگرچہ قرض واپس لینا قرض دینے والے کا قانونی حق ہے لیکن اس کی واپسی کے لیے مہلت دینا یا مقروض کو معاف کردینا جو کہ فقیر ہے، خیر ہے، یہ اخلاق ہے (فَنَظِرَۃٌ۔۔۔ تَصَدَّقُوۡا)۔

آیت ۲۸۱:

یہ آیت سابقہ آیات میں جو کچھ بیان ہوا ہے ان میں بیان شدہ مطالب کی جمع بندی ہے، اس میں سود کے حوالے سے عمومی خبردار کرنا ہے۔ سود وصول کرنا اور اس کے ذریعہ دنیا میں کچھ پا لینا معمولی ہے اور جلد ختم والا ہے جو چیز ابدی اور باقی ہے وہ قیامت ہے (وَ اتَّقُوۡا یَوۡمًا)۔ قیامت کی یاد سود سے دور کرنے کے لیے مضبوط ترین وسیلہ ہے اور دوسرے محرمات سے دور ہونا ہے (وَ اتَّقُوۡا یَوۡمًا تُرۡجَعُوۡنَ فِیۡہِ)۔ اسلام کے اقتصادی نظام کے نفاذ کی ضمانت ایمان اور تقویٰ ہے (وَ اتَّقُوۡا یَوۡمًا)۔ اس دنیا میں جو امور چل رہے ہیں ان میں کمی بیشی کا امکان ہے لیکن اللہ سے جو معاملہ ہے اس میں کمی بیشی کا امکان نہیں (تُوَفّٰی کُلُّ نَفۡسٍ مَّا کَسَبَتۡ)۔ جزا و سزا کا معیار عمل ہے نہ کہ آرزو اور خواہش (مَا کَسَبَتۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 282 تا 282
يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِذَا تَدَايَنتُم بِدَيۡنٍ إِلَىٰٓ أَجَلٖ مُّسَمّٗى فَٱكۡتُبُوهُۚ وَلۡيَكۡتُب بَّيۡنَكُمۡ كَاتِبُۢ بِٱلۡعَدۡلِۚ وَلَا يَأۡبَ كَاتِبٌ أَن يَكۡتُبَ كَمَا عَلَّمَهُ ٱللَّهُۚ فَلۡيَكۡتُبۡ وَلۡيُمۡلِلِ ٱلَّذِي عَلَيۡهِ ٱلۡحَقُّ وَلۡيَتَّقِ ٱللَّهَ رَبَّهُۥ وَلَا يَبۡخَسۡ مِنۡهُ شَيۡـٔٗاۚ فَإِن كَانَ ٱلَّذِي عَلَيۡهِ ٱلۡحَقُّ سَفِيهًا أَوۡ ضَعِيفًا أَوۡ لَا يَسۡتَطِيعُ أَن يُمِلَّ هُوَ فَلۡيُمۡلِلۡ وَلِيُّهُۥ بِٱلۡعَدۡلِۚ وَٱسۡتَشۡهِدُواْ شَهِيدَيۡنِ مِن رِّجَالِكُمۡۖ فَإِن لَّمۡ يَكُونَا رَجُلَيۡنِ فَرَجُلٞ وَٱمۡرَأَتَانِ مِمَّن تَرۡضَوۡنَ مِنَ ٱلشُّهَدَآءِ أَن تَضِلَّ إِحۡدَىٰهُمَا فَتُذَكِّرَ إِحۡدَىٰهُمَا ٱلۡأُخۡرَىٰۚ وَلَا يَأۡبَ ٱلشُّهَدَآءُ إِذَا مَا دُعُواْۚ وَلَا تَسۡـَٔمُوٓاْ أَن تَكۡتُبُوهُ صَغِيرًا أَوۡ كَبِيرًا إِلَىٰٓ أَجَلِهِۦۚ ذَٰلِكُمۡ أَقۡسَطُ عِندَ ٱللَّهِ وَأَقۡوَمُ لِلشَّهَٰدَةِ وَأَدۡنَىٰٓ أَلَّا تَرۡتَابُوٓاْ إِلَّآ أَن تَكُونَ تِجَٰرَةً حَاضِرَةٗ تُدِيرُونَهَا بَيۡنَكُمۡ فَلَيۡسَ عَلَيۡكُمۡ جُنَاحٌ أَلَّا تَكۡتُبُوهَاۗ وَأَشۡهِدُوٓاْ إِذَا تَبَايَعۡتُمۡۚ وَلَا يُضَآرَّ كَاتِبٞ وَلَا شَهِيدٞۚ وَإِن تَفۡعَلُواْ فَإِنَّهُۥ فُسُوقُۢ بِكُمۡۗ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَۖ وَيُعَلِّمُكُمُ ٱللَّهُۗ وَٱللَّهُ بِكُلِّ شَيۡءٍ عَلِيمٞ ٢٨٢
ترجمہ
اے وہ لوگ جو ایمان لا چکے ہو! جب تم مقررّہ مدت کے لیے کسی کو قرض دو تو اس کو لکھ لیا کرو، تمہارے درمیان جو لکھنے والا ہے وہ منصفانہ سند تیارکرے، جس میں لکھنے کی صلاحیت ہو تو اسے لکھنے سے پہلو تہی نہیں کرنا چاہیےجس طرح اللہ نے اسے تعلیم دی ہے، ضروری ہے کہ وہ لکھے اور قرض لینے والا املاء کروائے اور اللہ جو اس کا رب ہے اس سے خوف کھائےکچھ بھی اس میں سے چھوڑ نہ دے، اگر قرض لینے والا کمزور یا ناسمجھ ہو یا ایسا ہوکہ اس میں املا کروانے کی صلاحیت نہ ہو تو ضروری ہے کہ اس کا ولی اس کی جگہ منصفانہ طور پر (قرض کی مدت اور مقدار کو) لکھوائے اور مردوں سے دو آدمیوں کو اس پر گواہ قرار دو اگر دو مرد موجود نہ ہوں تو ایک مرد اور دو عورتیں ہوں، ایسے گواہ لیے جائیں جو فریقین کو قبول ہوں، کیونکہ اگر ان میں سے ایک بھول جائے تو دوسرا اسے یاد دلائے اور جس وقت گواہوں کو گواہی دینے کے لیے بلایا جائے وہ گواہی دینے سے انکار نہ کریں، قرض کی مقدار کم ہو یا زیادہ قرض کی مدت کے ساتھ اسے لکھنے میں سستی مت کرو کیونکہ اللہ کے ہاں یہ کام انصاف کے زیادہ نزدیک ہے اور گواہی دینے کے لیے مضبوط حوالہ ہے، یہ شک و تردید سے بچنے کے لیے بہتر ہے مگر یہ کہ نقد معاملہ کیا جارہا ہو کہ جسے تم دست بدست دیتے ہو، اس صورت میں تم پر کوئی حرج نہیں کہ تم اسے تحریر نہ کرو لیکن تم جب نقد پیسوں سے خرید و فروخت کرتے ہو تو پھر بھی گواہ قرار دو ، لکھنے والے اور گواہ کو حق گوئی کی خاطر کوئی نقصان نہ پہنچے اگر تم ایسا کرو گے تو اللہ کے فرمان سے نکل جاؤ گے، اللہ کے فرمان کی مخالفت سے بچو، اللہ تمہیں (زندگی گزارنے کے لیے صحیح راستہ کی)تعلیم دیتا ہے اللہ تو ہر چیز بارے آگاہ ہے۔(۲۸۲)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۸۲:

یہ قرآن مجید کی سب سے بڑی آیت ہےجو قانونی مسائل اور تجارتی اسناد تیار کرنے کے طریقہ سے متعلق ہے۔ یہ آیت اس امر کا ثبوت ہے کہ اسلام تمام مسائل کو باریک بینی کے ساتھ بیان کرتا ہے۔ زمانہ جاہلیت میں جب لوگ بہت ہی پس ماندہ اور غیر ترقی یافتہ تھے اور معاشرہ تہذیب و تمدن سے عاری تھا تو اس زمانے میں انتہائی دقیق قانونی مسائل کو پیش کیا ہے۔ یہ امر اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام ایک جامع دین ہے اور اس میں زندگی کے تمام مسائل باریک بینی کے ساتھ بیان ہوئے ہیں۔ (تَدَایَنۡتُمۡ)دین سے ہے جو قرض اور ہر اس معاملہ اور کاروبار کو شامل ہے جو نقد رقم کے ساتھ کیا جائے۔ قرض ہو یا قرض پر خریداری ہو۔ حدیث میں آیا ہے جوشخص کاروباری معاملات میں تحریری سند تیار نہ کرے اور کسی کو گواہ بھی نہ بنائے اور اس کا مال اس وجہ سے ضائع ہو جائے تو پھر وہ جتنی بھی دعا کرے کہ اس کا ضائع شدہ مال واپس مل جائے یا یہ دعا کر کہ اس کا مال ضائع نہ ہو تو اللہ تعالیٰ ایسے شخص کی دعا قبول نہیں کرتا۔ اللہ تعالیٰ ایسے شخص کے لیے فرماتا ہے کہ تم نے میری ہدایت کے مطابق عمل کیوں نہ کیا۔ اگر ذاتی مال اور حقوق کی حفاظت ضروری ہے تو بیت المال اور سرکاری خزانہ کی حفاظت تو کئی درجہ بالاتر ضروری ہوگی۔ نقد مال سے کاروبار میں بھی سند تیار کرنا مفید ہے۔ لیکن اس کی ضرورت اس طرح نہیں جس طرح ادھار کے کاروبار کے لیے ضروری ہے۔ کیونکہ ایسا کاروبار جس میں کل کا وعدہ دیا جاتا ہے اگر کاروبار کرنے والا یا گواہ میں سے کوئی مر جائے یا جنہوں نے معاملہ کیا ہے وہ اسے بھول جائیں تو تحریر ایسے موارد میں کام دے گی۔ لکھنے کے فرمان سے معلوم ہوتا ہے کہ جو اسناد تیار کی گئی ہوں اس میں عادل گواہ ہوں کہ جن سے گواہی کے وقت فائدہ اٹھایا جاسکے۔ ایسے زمانے میں جس کے بارے کہا جاتا ہے کہ پورے جزیرۃ العرب میں فقط سترہ افراد لکھنا پڑھنا جانتے تھے، لکھنے کی بات، اس کا طریقہ کار، تحریر میں گواہوں کی موجودگی، یہ سب دقیق قسم کی ہدایات اس بات کی اہمیت کو اجاگر کررہی ہیں کہ اسلام علم اور حقوق کی حفاظت پر بہت توجہ دیتا ہے۔ اس آیت سے یہ بات بھی سمجھی جاسکتی ہے بلکہ اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اسلامی معاشرہ کے افراد ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھیں اور ایک دوسرے کی حمایت کریں کیونکہ ہر معاملہ میں ایک کاتب کی ضرورت پڑتی ہے اور دو گواہوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایمان احکام پر عمل کرنے کا ذریعہ ہے، اس آیت میں یہ خطاب (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا)احکام پر عمل کرنے کی ترغیب ہے۔ قرض کے لیے مدت کا تعین کرنا ضروری ہے (اِلٰۤی اَجَلٍ مُّسَمًّی)۔ کاروبار میں تحریر اس لیے ضروری ہے تاکہ ایک دوسرے پر اعتماد برقرار رہے،کسی طرف سے بدگمانی نہ ہو، بھول سے بچا جاسکے اورانکار نہ کیا جائے(فَاکۡتُبُوۡہُ)۔ دو گواہ اس لیے ضروری ہیں تاکہ معاملہ کرنے والوں کا ایک دوسرے پر اطمینان رہے اور سند میں فریقین سے کسی کی دخل اندازی نہ ہو اور اس میں رد و بدل کے خدشہ سے بچا جاسکے، یہ سند تیسرا شخص تیار کرے (وَ لۡیَکۡتُبۡ بَّیۡنَکُمۡ کَاتِبٌ)۔ جو شخص قرارداد لکھ رہا ہو وہ صرف حقائق کو لکھے، اپنی طرف سے کچھ کم یا زیادہ نہ کرے، عدل و انصاف کو مد نظر رکھے، قلم اور تحریر میں انصاف ضروری ہے(بِالۡعَدۡلِ)۔ اللہ تعالیٰ کے دئیے ہوئے علم کے شکرانہ کے طور پر ہمیں دوسروں کی مشکلات کو حل کرنے میں مدد دینا چاہیے(وَ لَا یَاۡبَ کَاتِبٌ اَنۡ یَّکۡتُبَ کَمَا عَلَّمَہُ اللّٰہُ)۔ ہر فن اور ہر قابلیت والے کی خصوصی ذمہ داری بنتی ہے، جس کے پاس قلم ہے وہ قلم سے لوگوں کی خدمت کرے (وَ لَا یَاۡبَ کَاتِبٌ اَنۡ یَّکۡتُبَ)۔ ضروری ہے کہ جس کے ذمہ قرضہ ہے وہ خود قرار داد کا متن لکھوائے اور کاتب لکھے، نہ کہ جس کا دعویٰ قرض دینے والا کر رہا ہو (وَ لۡیُمۡلِلِ الَّذِیۡ عَلَیۡہِ الۡحَقُّ)۔ انسان کا اپنے بارے کسی چیز کا اقرار کرلینا اس پر لازم العمل ہے (وَ لۡیُمۡلِلِ الَّذِیۡ عَلَیۡہِ الۡحَقُّ)۔ مقروض جب قرار داد لکھوا رہا ہو تو وہ اللہ تعالیٰ کو سامنے رکھے، کچھ بھی کم نہ کرے، لکھتے وقت قرض کی تمام خصوصیات کو درج کروائے (وَ لۡیَتَّقِ اللّٰہَ رَبَّہٗ )۔ قانون سازی ایسی ہو کہ اس میں کمزور کا حق ضائع نہ ہو۔ اگر مقروض شخص کمزور، ناسمجھ یا گونگا ہو تو اس کا سرپرست یا ولی قرار داد کا متن تحریر کروائے گا اور کاتب اسے لکھے گا (فَاِنۡ کَانَ الَّذِیۡ عَلَیۡہِ الۡحَقُّ سَفِیۡہًا اَوۡ ضَعِیۡفًا۔۔۔فَلۡیُمۡلِلۡ وَلِیُّہٗ)۔ کمزور اورناسمجھ لوگ اجتماعی معاملات اور تقریبات میں ولی و سرپرست کے محتاج ہوتے ہیں (فَلۡیُمۡلِلۡ وَلِیُّہٗ)۔ محروم طبقہ اور کمزور افراد کے سرپرستوں پر لازم ہے کہ وہ ان کے حقوق پر توجہ دیں (فَلۡیُمۡلِل) امر کا صیغہ ہے جو لزوم اور وجوب پر دلالت کرتا ہے۔ مرد حضرات گواہی دینے اور گواہ بننے میں خواتین پر مقدم ہیں (شَہِیۡدَیۡنِ مِنۡ رِّجَالِکُمۡ)۔ گواہ عادل، قابل اعتماد اور فریقین کے لیے قابل قبول ہوں (مِمَّنۡ تَرۡضَوۡنَ)۔ مرد اکیلا گواہ بن سکتا ہے لیکن اگر گواہ ایک مرد ہو اور دو خواتین ہوں تو وہ دو عورتیں اکٹھی اس معاملہ کی گواہی دیں گی کہ اگر ان میں سے ایک سے بھول چوک ہوجائے تو دوسری اس کی مدد کرے اور دوسری اسے یاد دلائے (فَتُذَکِّرَ اِحۡدٰىہُمَا)۔ ایک مرد کی جگہ دو عورتوں کا گواہ بننا یا تو اس حوالے سے ہے کہ عورتیں نرم مزاج ہوتی ہیں یا اس وجہ سے ہے کہ عورتیں عام طور پر بازار اور اقتصادی مسائل میں سرگرم نہیں ہوتیں اور نہ ہی ان معاملات میں ان کا بڑا کردار ہوتا ہے، ان معاملات کے بارے ان کی آشنائی کمتر ہوتی ہے۔ اگر تمہیں گواہی دینے کے لیے دعوت دی جائے تو اس سے رد نہ کرو، لیکن بن بلائے گواہ بننا ضروری نہیں(وَ لَا یَاۡبَ الشُّہَدَآءُ اِذَا مَا دُعُوۡا)۔ قرارداد لکھنے میں مال کی مقدار اہم نہیں بلکہ فریقین کا اعتماد اور لوگوں کے حقوق کی حفاظت زیادہ اہمیت رکھتی ہے (وَ لَا تَسۡـَٔمُوۡۤا اَنۡ تَکۡتُبُوۡہُ صَغِیۡرًا اَوۡ کَبِیۡرًا)۔ باریک بینی اور انصاف کے ساتھ تیار ہونے والی سند کے تین فائدے ہیں: الف: انصاف کے نفاذ کا ضامن ہے (اَقۡسَطُ)۔ ب: گواہوں کے لیے گواہی دینے کی ہمت اور جرات ہوگی(اَقۡوَمُ)۔ ج: معاشرہ میں بد اعتمادی کو دور کرنے کا سبب ہوگا (اَدۡنٰۤی اَلَّا تَرۡتَابُوۡۤا)۔ لوگوں کے لیے احکام کے اسرار اور فوائد بیان کئے جائیں تو انہیں قبول کرنا ان کے لیے آسان ہوجاتا ہے (ذٰلِکُمۡ اَقۡسَطُ)۔ آج قرار داد لکھنے کے لیے وقت دینا کل فتنہ و فساد اور اختلاف میں پڑنے سے بہتر ہے (اَدۡنٰۤی اَلَّا تَرۡتَابُوۡۤا)۔ نقد کاروبار میں سند لکھنا ضروری نہیں (اِلَّاۤ اَنۡ تَکُوۡنَ تِجَارَۃً حَاضِرَۃً)۔ نقد کاروبار میں اگرچہ سند لکھنا ضروری نہیں لیکن گواہ کا موجود ہونا مفید ہے (فَلَیۡسَ عَلَیۡکُمۡ جُنَاحٌ اَلَّا تَکۡتُبُوۡہَا ؕ وَ اَشۡہِدُوۡۤا اِذَا تَبَایَعۡتُمۡ)۔ کاتب اور گواہ دونوں امان میں ہیں، حق لکھنے یا حق کی گواہی دینے کی وجہ سے ان کو اذیت نہ دی جائے (وَ لَا یُضَآرَّ کَاتِبٌ وَّ لَا شَہِیۡدٌ)۔ اگر گواہی دینے یا قرار داد لکھنے کے لیے وقت درکار ہو یا اس کے لیے مشقت اٹھانا پڑے تو گواہ اور کاتب کو حق زحمت دیا جائے وگرنہ ان دونوں کا نقصان ہوگا(وَ لَا یُضَآرَّ کَاتِبٌ وَّ لَا شَہِیۡدٌ)۔ گواہ اور کاتب کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ سند کو اس طرح تیار کریں کہ ان دو میں سے کسی ایک کے نقصان میں ہو، اس میں پارٹی بازی یا ذاتی پسند ناپسند مد نظر نہ ہو بلکہ اللہ تعالیٰ کا خوف مدنظر ہو تاکہ اس وجہ سے کسی کا حق ضائع نہ ہو(وَ لَا یُضَآرَّ کَاتِبٌ وَّ لَا شَہِیۡدٌ)۔ سند میں ہر قسم کا خورد برد خواہ کسی بھی فریق سے ہو گناہ اور جرم ہے (فَاِنَّہٗ فُسُوۡقٌ)۔ کاتب اور گواہ لوگوں کے حقوق کے محافظ اور نگہبان ہیں، الٰہی حدود سے تجاوز فسق ہے، سرحدات کو توڑنا گناہ ہے (فَاِنَّہٗ فُسُوۡقٌ)۔ پاکیزہ اور باتقویٰ دل آئینہ کی مانند علوم اور حقوق کو وصول کرلیتا ہے (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ ؕ وَ یُعَلِّمُکُمُ اللّٰہُ)۔ اللہ تعالیٰ ہماری تمام مادی اور معنوی ضروریات کو جانتا ہے اور ان کی بنیاد پر ہمارے لیے قوانین و احکام کو بیان کرتا ہے۔قانون بنانے والے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے پاس گہری اور ہر حوالے سے حقیقت پر مبنی مکمل آگہی ہو (وَ اللّٰہُ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 283 تا 286
۞ وَإِن كُنتُمۡ عَلَىٰ سَفَرٖ وَلَمۡ تَجِدُواْ كَاتِبٗا فَرِهَٰنٞ مَّقۡبُوضَةٞۖ فَإِنۡ أَمِنَ بَعۡضُكُم بَعۡضٗا فَلۡيُؤَدِّ ٱلَّذِي ٱؤۡتُمِنَ أَمَٰنَتَهُۥ وَلۡيَتَّقِ ٱللَّهَ رَبَّهُۥۗ وَلَا تَكۡتُمُواْ ٱلشَّهَٰدَةَۚ وَمَن يَكۡتُمۡهَا فَإِنَّهُۥٓ ءَاثِمٞ قَلۡبُهُۥۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ عَلِيمٞ ٢٨٣ لِّلَّهِ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَمَا فِي ٱلۡأَرۡضِۗ وَإِن تُبۡدُواْ مَا فِيٓ أَنفُسِكُمۡ أَوۡ تُخۡفُوهُ يُحَاسِبۡكُم بِهِ ٱللَّهُۖ فَيَغۡفِرُ لِمَن يَشَآءُ وَيُعَذِّبُ مَن يَشَآءُۗ وَٱللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٌ ٢٨٤ ءَامَنَ ٱلرَّسُولُ بِمَآ أُنزِلَ إِلَيۡهِ مِن رَّبِّهِۦ وَٱلۡمُؤۡمِنُونَۚ كُلٌّ ءَامَنَ بِٱللَّهِ وَمَلَٰٓئِكَتِهِۦ وَكُتُبِهِۦ وَرُسُلِهِۦ لَا نُفَرِّقُ بَيۡنَ أَحَدٖ مِّن رُّسُلِهِۦۚ وَقَالُواْ سَمِعۡنَا وَأَطَعۡنَاۖ غُفۡرَانَكَ رَبَّنَا وَإِلَيۡكَ ٱلۡمَصِيرُ ٢٨٥ لَا يُكَلِّفُ ٱللَّهُ نَفۡسًا إِلَّا وُسۡعَهَاۚ لَهَا مَا كَسَبَتۡ وَعَلَيۡهَا مَا ٱكۡتَسَبَتۡۗ رَبَّنَا لَا تُؤَاخِذۡنَآ إِن نَّسِينَآ أَوۡ أَخۡطَأۡنَاۚ رَبَّنَا وَلَا تَحۡمِلۡ عَلَيۡنَآ إِصۡرٗا كَمَا حَمَلۡتَهُۥ عَلَى ٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِنَاۚ رَبَّنَا وَلَا تُحَمِّلۡنَا مَا لَا طَاقَةَ لَنَا بِهِۦۖ وَٱعۡفُ عَنَّا وَٱغۡفِرۡ لَنَا وَٱرۡحَمۡنَآۚ أَنتَ مَوۡلَىٰنَا فَٱنصُرۡنَا عَلَى ٱلۡقَوۡمِ ٱلۡكَٰفِرِينَ ٢٨٦
ترجمہ
اگر تم سفر میں ہوں اور کسی لکھنے والے کو موجود نہ پاؤ توقبضے کے ساتھ رہن پر معاملہ کرو، اگر ایک دوسرے پر اعتماد ہو تو جسے امین قرار دیا گیا ہے وہ اس امانت( یعنی قرض) کو وقت پر ادا کردے اور اللہ جو اس کا رب ہے اس کا تقویٰ اختیار کرے اور تم گواہی کو مت چھپاؤ اور جو بھی گواہ بننے کے بعد اسے چھپائے گا بلاشک وہ اپنے دل سے گنہگار ہے اور جو کچھ تم انجام دیتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۸۳) اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے سب کا مالک اللہ ہے جو کچھ تمہارے دل و دماغ میں ہے تم اسے آشکار کرو یا اسے مخفی رکھو اللہ اس حوالے سے تمہاری باز پرس کرے گا لہذا اللہ جسے چاہےاسے بخش دے اور جسے چاہے اسے سزا دے، اللہ تو ہر بات پر قادر ہے۔(۲۸۴) جو کچھ پیغمبر پر اس کے رب کی طرف سے نازل ہوا ہے وہ اس پر ایمان لے آئے اور تمام مومنین بھی، وہ سب اللہ، فرشتوں، کتابوں اور رسولوں پر ایمان لائے ہیں (انہوں نے کہا:)ہم اس کے رسولوں ( پرعقیدہ رکھنے کے حوالے سے ان) میں فرق نہیں کرتے(سب پر ہمارا ایمان ہے) اور انہوں نے کہا: ہم نے (حق کی آواز کو) سنا اور اطاعت کی، اے ہمارے رب! ہم تیری بخشش و مغفرت کو چاہتے ہیں، ہماری واپسی تیری جانب ہے۔(۲۸۵) اللہ کسی کو اس کی توانائی سے زیادہ ذمہ داری نہیں دیتا، انسان جو نیک کام کرتا ہے تو اپنے فائدہ کے لیے کرتا ہے اور جو کوئی برائی انجام دیتا ہے تو وہ بھی اپنے نقصان میں کرتا ہے،(مومنین کہتے ہیں:) اے ہمارے رب! اگر ہم (ایک ذمہ داری کو) بھول گئے یا اس کی انجام دہی میں غلطی کی تو ہمیں گرفت میں نہ لے، اے ہمارے رب! ہمارے اوپر بھاری ذمہ داری کا بوجھ نہ ڈال، جو کچھ تو نے ان پر قرار دیا ہے جو ہم سے پہلے گزرے ہیں، اے ہمارے رب! جس کو ہم انجام دینے کی قدرت نہیں رکھتے وہ ہمارے اوپر لازم قرار نہ دے، ہم سے درگذر فرما، ہمیں بخش دے، ہمارے اوپر اپنی رحمت قرار دے، تو ہی ہمارا سرپرست و مولا ہے، لہذا تو ہمیں کافر جماعت پر غلبہ عطا فرما۔(۲۸۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۸۳:

اگر قرض کی دستاویز تیار کرنے کے لیے لکھنے والا میسر نہ ہو تو قرض لینے والے سے کوئی وثیقہ یا رہن لیا جاسکتا ہے خواہ سفر میں ہوں یا سفر میں نہ ہوں۔ لہذا یہ جملہ (وَ اِنۡ کُنۡتُمۡ عَلٰی سَفَرٍ)اس حوالے سے ہے کہ عام طور پر دوران سفر انسان کے پاس لکھنے کے وسائل نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں یا ہوتے ہی نہیں۔ یہ جملہ اس طرح ہے جس طرح کہا گیا ہے (اِذَا حَضَرَ اَحَدَکُمُ الۡمَوۡتُ۔۔۔الۡوَصِیَّۃُ )’’بقرہ، ۱۸۰‘‘ جب تمہاری موت کا وقت قریب آجائے تو وصیت کرو جبکہ ہمیں معلوم ہے کہ وصیت کرنا موت کے وقت کے قریب آنے کے ساتھ مخصوص نہیں لیکن وصیت کرنے کے لیے آخری موقع وہ ہوتا ہے جب موت کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ وثیقہ کی شرط یہ ہے کہ اسے وصول کیا جا سکے اور وثیقہ لینے والا اسے اپنے پاس رکھ سکتا ہو (مَّقۡبُوۡضَۃٌ)۔ معاملہ کو مضبوط اور مستحکم کرنے میں عیب نہیں ہے، آپ نے قرض وصول کرنا ہے تو اس کے لیے وثیقہ (رہن کے طور پر کچھ) لے لو (فَرِہٰنٌ مَّقۡبُوۡضَۃٌ)۔ مختلف افراد کے لیے احکام میں فرق ہے، نامعلوم افراد کے لیے رہن اور جن افراد پر رہن کے بغیر اطمینان ہو ان کے لیے حکم فرق کرتا ہے ( فَرِہٰنٌ مَّقۡبُوۡضَۃٌ ؕ فَاِنۡ اَمِنَ۔۔۔)۔ ایسا نہ ہونے دو کہ کاروباری معاملات میں اعتماد اور اطمینان کے ماحول کو نقصان پہنچے اور بازار میں ایک دوسرے پر اعتماد کرنے کا ماحول ختم ہوجائے (فَاِنۡ اَمِنَ بَعۡضُکُمۡ بَعۡضًا فَلۡیُؤَدِّ الَّذِی اؤۡتُمِنَ)رہن لینے کا فلسفہ اطمینان حاصل کرنا ہے کہ قرض جو دیا گیا ہے اس کی واپسی یقینی ہوگی، اگر اس کے بغیر اطمینان حاصل ہو تو پھر رہن کی ضرورت نہیں۔ جن افراد کو لوگوں کے حقوق کے بارے میں علم ہے وہ مظلوموں کے حقوق کے بارے میں جوابدہ ہیں (وَ لَا تَکۡتُمُوا الشَّہَادَۃَ)۔ چونکہ حق کو بیان کرنا ضروری ہے اس لیے حق کوچھپانا حرام ہے (وَ مَنۡ یَّکۡتُمۡہَا فَاِنَّہٗۤ اٰثِمٌ قَلۡبُہٗ)۔ باطنی انحراف، ظاہری انحراف کا باعث بنتا ہے، گنہگار دل گواہی کو چھپانے کا سبب بنتا ہے (وَ مَنۡ یَّکۡتُمۡہَا فَاِنَّہٗۤ اٰثِمٌ قَلۡبُہٗ)۔ اس بات پر ایمان رکھنا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے کاموں سے باخبر ہے، تقویٰ اختیار کرنے اور حقائق کو بیان کرنے کا سبب بنتا ہے (وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۸۴:

علامہ طباطبائی تفسیر المیزان میں لکھتے ہیں: انسان کے قلبی’’دل کے‘‘ حالات دو طرح کے ہیں:۱۔بعض دفعہ بغیر اختیار کے اس کے ذہن میں کوئی بات آجاتی ہے جس کی وجہ سے انسان اپنے کام بارے کچھ بھی فیصلہ نہیں کرپاتا۔ ایسی حالت کا ذہن میں آجانا گناہ شمار نہیں ہوتا کیونکہ یہ ہمارے اختیار میں نہیں۔ لیکن اگر وہ ذہنی کیفیات اور روحانی حالات برے اعمال بجالانے کا سبب بنیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے ذہنوں کی گہرائی میں ان کا اثر ہوا ہے، ایسے قلبی حالات کے حوالے سے انسان جوابدہ ہے اور اس کا مواخذہ اور جواب طلبی ہوگی۔ ممکن ہے کہ انسان کے باطنی حالات پر سزا اس حوالے سے ہو کہ ایسے گناہ جن کا باطنی پہلو موجود ہے، ان گناہوں کا ذاتی پہلو باطنی ہونا ہے اور درحقیقت وہ دل کا عمل ہے جس طرح کفر کرنا یا حق کو چھپانا، نہ کہ وہ مورد جو گناہ کا سبب نہیں کہ جب تک گناہ نہ کرے گا سزا نہ ملے گی۔ انسان اپنے جذبات، احساسات، باطنی حالات اور اس حوالے سے ابھرنے والے رجحانات کے حوالے سے ذمہ دار ہے، یہ مطلب قرآن مجید میں بار بار بیان ہوا ہے: (یُؤَاخِذُکُمۡ بِمَا کَسَبَتۡ قُلُوۡبُکُمۡ) جو کچھ تمہارے دل کماتے ہیں اللہ ان کا مواخذہ کرے گا اور اس پر تمہاری گرفت ہوگی ’’بقرہ، ۲۲۵‘‘۔ (فَاِنَّہٗۤ اٰثِمٌ قَلۡبُہٗ)بتحقیق حق کو چھپانے والے کا دل گنہگار ہے ’’بقرہ، ۲۸۳‘‘۔ (اِنَّ السَّمۡعَ وَ الۡبَصَرَ وَ الۡفُؤَادَ کُلُّ اُولٰٓئِکَ کَانَ عَنۡہُ مَسۡـُٔوۡلًا)بتحقیق کان، آنکھ اور دل سب سے سوال کیا جائے گا ’’اسراء، ۳۶‘‘ (اِنَّ الَّذِیۡنَ یُحِبُّوۡنَ اَنۡ تَشِیۡعَ الۡفَاحِشَۃُ فِی الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا لَہُمۡ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ ۙ فِی الدُّنۡیَا وَ الۡاٰخِرَۃِ)مومنوں کے درمیان بدکاری پھیلانے کی دلی خواہش رکھنے والوں کے لیے دنیا و آخرت میں عذاب ہے’’نور، ۱۹‘‘ نہج البلاغہ میں حضرت علی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ لوگوں کا ان کے افکار اور نیتوں پر احتساب ہوگا اور ان کی پکڑ ہوگی۔ اللہ تعالیٰ مالک مطلق ہے(لِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الۡاَرۡضِ) اور عالم مطلق ہے (وَ اِنۡ تُبۡدُوۡا ۔۔۔ اَوۡ تُخۡفُوۡہُ) اور قادر مطلق ہے (وَ اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ)۔ پیالے سے باہر وہی ٹپکتا ہے جو اس کے اندر ہوتا ہے، انسان کے اعمال اس کے باطنی افکار، نظریات اور عقائد کو بیان کر رہے ہوتے ہیں (تُبۡدُوۡا مَا فِیۡۤ اَنۡفُسِکُمۡ)۔ تربیت کرنے والے پر ہے کہ وہ اپنے زیر تربیت افراد کو امید اور خوف کی درمیانی حالت میں رکھے (فَیَغۡفِرُ ، یُعَذِّبُ)۔

آیت ۲۸۵:

اس آیت میں اصول دین: توحید، نبوت اور معاد کو بیان کیا گیا ہے اور بعد والی آیت میں انسان کی الٰہی فرائض کو انجا م دینے کے لیے آمادگی اور اللہ تعالیٰ سے رحمت و مغفرت کی درخواست کرنے کو بیان کیا گیا ہے۔ پیغمبراکرمﷺ کی تکریم اور ان کا احترام واجب ہے، رسول اللہﷺ کا معاملہ دوسرے لوگوں سے مختلف ہے، لہذا اس آیت میں رسول اللہﷺکے تذکرہ سے ابتدا کی گئی ہے اور آپ پر ایمان لانے کی بات ہے، اس کے بعد مومنین کا ذکر ہے اور ان کے عقائد کو بیان کیا گیا ہے۔ رہبر اپنے مکتب کا آئینہ ہوتا ہے (اٰمَنَ الرَّسُوۡلُ بِمَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡہِ)۔ دینی مبلغین لوگوں کو جس چیز کی دعوت دیتے ہیں اس پر ان کا ایمان بھی ہو (اٰمَنَ الرَّسُوۡلُ)۔ آسمانی کتابیں انسان کی ہدایت اور تربیت کے لیے نازل کی گئی ہیں (مِنۡ رَّبِّہٖ)۔ تمام انبیاء پر ایمان لانا لازم ہے، تمام انبیاء کا ہدف ایک ہے(کُتُبِہٖ وَ رُسُلِہٖ)۔ ایمان اور عمل مغفرت الٰہی کو وصول کرنے کی راہ ہموار کرتے ہیں (سَمِعۡنَا وَ اَطَعۡنَا ٭۫ غُفۡرَانَکَ)۔ ایمان اور عمل کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور مغفرت کی امید رکھنی چاہیے(سَمِعۡنَا وَ اَطَعۡنَا ٭۫ غُفۡرَانَکَ)۔ بخشش ربوبیت کے شئون سے ہے اور تربیت کا مقدمہ ہے (غُفۡرَانَکَ رَبَّنَا)۔

آیت ۲۸۶:

بعض دفعہ فراموشی اور لا پرواہی کا سبب خود انسان ہے لہذا اس حوالے سے اس کی گرفت ہوگی جیسا کہ اللہ تعالٰی کا فرمان ہے (کَذٰلِکَ اَتَتۡکَ اٰیٰتُنَا فَنَسِیۡتَہَا ۚ وَکَذٰلِکَ الۡیَوۡمَ تُنۡسٰی)’’طہٰ، ۱۲۶‘‘ جس طرح ہماری آیات تمہارے پاس آئیں اور تم نے ان کو بھلا دیا، اسی طرح آج تجھے بھلایا جا رہا ہے۔ چنانچہ اس آیت میں بھول جانے اور خطا کے لیے مغفرت طلب کی گئی ہے اور اس کے ضمن میں سابقہ امتوں کو ان کی سرکشی اور زیادتی پر سخت سزائیں دی گئیں۔ اس حوالے سے انہوں نے معافی کی درخواست کی ہے کہ ہمیں وہ سزا نہ دی جائے ۔ اس آیت میں انسان اللہ تعالٰی سے تمام الطاف اور مہربانیوں کو طلب کرتا ہے، اس کا پہلا مرحلہ معاف کردینا ہے کہ جس کا نتیجہ گناہوں کے اثرات کا خاتمہ اور عذاب کا اٹھایا جانا ہے۔ دوسرا مرحلہ: مغفرت اور گناہ کے اثرات کا روح اور دل سے محو کردینا ہے۔ تیسرا مرحلہ: پروردگار کی رحمت سے استفادہ اور کافروں پر کامیابی حاصل کرنا ہے۔ (لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفۡسًا اِلَّا وُسۡعَہَا) کا مضمون دوسری آیات میں بھی آیا ہے جیسے (مَا جَعَلَ عَلَیۡکُمۡ فِی الدِّیۡنِ مِنۡ حَرَجٍ)’’حج، ۷۸‘‘، (یُرِیۡدُ اللّٰہُ بِکُمُ الۡیُسۡرَ)’’بقرہ، ۱۸۵‘‘، پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: میں آسان اور سہل دین کے ساتھ مبعوث ہوا ہوں۔ انسانی فرائض اور واجبات اس کی طاقت سے زیادہ نہیں (لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفۡسًا اِلَّا وُسۡعَہَا)اسلام آسان دین ہے، اس میں سختی نہیں۔ ہمارے اعمال کے اثرات ہیں جو خود ہماری طرف پلٹتے ہیں (لَہَا مَا کَسَبَتۡ وَ عَلَیۡہَا مَا اکۡتَسَبَتۡ)۔ انسان آزاد اور صاحب اختیار خلق ہوا ہے (لَہَا مَا کَسَبَتۡ)۔ دستورات الٰہی کا انجام دینا یا انہیں ترک کرنے کا فائدہ یا نقصان خود انسان کے لیے ہے (لَہَا ۔۔۔ عَلَیۡہَا)۔ جو یہ کہتے ہیں(سَمِعۡنَا وَ اَطَعۡنَا) وہ سراپا عادل اور متقی ہیں لیکن پھر بھی وہ اپنی غلطی اور کوتاہی سے پریشان ہیں اور دعا کرتے ہیں (اِنۡ نَّسِیۡنَاۤ اَوۡ اَخۡطَاۡنَا)۔ ماضی کے لوگوں کی تاریخ اور ان کے ناخوشگوار حالات میں غور کریں اور ان سے عبرت لیں اور ان سے درس لیتے ہوئے اللہ تعالٰی سے پناہ مانگیں(کَمَا حَمَلۡتَہٗ عَلَی الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبۡلِنَا)۔ دعا کے آداب سے یہ ہے کہ ہم پہلے اپنی کمزوری کا اقرار کریں(لَا طَاقَۃَ لَنَا)پھر اللہ تعالیٰ کی عظمت کی گواہی دیں (اَنۡتَ مَوۡلٰىنَا) پھر اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی درخواست پیش کریں (وَ اعۡفُ عَنَّا ٝ وَ اغۡفِرۡ لَنَا ٝ وَ ارۡحَمۡنَا)۔ اسلام کی کفر پر کامیابی مومنوں کی ہمیشہ کی آرزو ہے اور اللہ تعالٰی سے درخواست بھی ہے کہ وہ انہیں کافروں پر غلبہ دے (فَانۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 1 تا 9
بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
الٓمٓ ١ ٱللَّهُ لَآ إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ٱلۡحَيُّ ٱلۡقَيُّومُ ٢ نَزَّلَ عَلَيۡكَ ٱلۡكِتَٰبَ بِٱلۡحَقِّ مُصَدِّقٗا لِّمَا بَيۡنَ يَدَيۡهِ وَأَنزَلَ ٱلتَّوۡرَىٰةَ وَٱلۡإِنجِيلَ ٣ مِن قَبۡلُ هُدٗى لِّلنَّاسِ وَأَنزَلَ ٱلۡفُرۡقَانَۗ إِنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ بِـَٔايَٰتِ ٱللَّهِ لَهُمۡ عَذَابٞ شَدِيدٞۗ وَٱللَّهُ عَزِيزٞ ذُو ٱنتِقَامٍ ٤ إِنَّ ٱللَّهَ لَا يَخۡفَىٰ عَلَيۡهِ شَيۡءٞ فِي ٱلۡأَرۡضِ وَلَا فِي ٱلسَّمَآءِ ٥ هُوَ ٱلَّذِي يُصَوِّرُكُمۡ فِي ٱلۡأَرۡحَامِ كَيۡفَ يَشَآءُۚ لَآ إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ٱلۡعَزِيزُ ٱلۡحَكِيمُ ٦ هُوَ ٱلَّذِيٓ أَنزَلَ عَلَيۡكَ ٱلۡكِتَٰبَ مِنۡهُ ءَايَٰتٞ مُّحۡكَمَٰتٌ هُنَّ أُمُّ ٱلۡكِتَٰبِ وَأُخَرُ مُتَشَٰبِهَٰتٞۖ فَأَمَّا ٱلَّذِينَ فِي قُلُوبِهِمۡ زَيۡغٞ فَيَتَّبِعُونَ مَا تَشَٰبَهَ مِنۡهُ ٱبۡتِغَآءَ ٱلۡفِتۡنَةِ وَٱبۡتِغَآءَ تَأۡوِيلِهِۦۖ وَمَا يَعۡلَمُ تَأۡوِيلَهُۥٓ إِلَّا ٱللَّهُۗ وَٱلرَّٰسِخُونَ فِي ٱلۡعِلۡمِ يَقُولُونَ ءَامَنَّا بِهِۦ كُلّٞ مِّنۡ عِندِ رَبِّنَاۗ وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّآ أُوْلُواْ ٱلۡأَلۡبَٰبِ ٧ رَبَّنَا لَا تُزِغۡ قُلُوبَنَا بَعۡدَ إِذۡ هَدَيۡتَنَا وَهَبۡ لَنَا مِن لَّدُنكَ رَحۡمَةًۚ إِنَّكَ أَنتَ ٱلۡوَهَّابُ ٨ رَبَّنَآ إِنَّكَ جَامِعُ ٱلنَّاسِ لِيَوۡمٖ لَّا رَيۡبَ فِيهِۚ إِنَّ ٱللَّهَ لَا يُخۡلِفُ ٱلۡمِيعَادَ ٩
ترجمہ
اللہ کے نام سے جو بخشنے والا مہربان ہے۔
الف ، لام، میم۔(۱) اللہ کے سواء کوئی معبود نہیں ہے، وہ زندہ و پائندہ ہے۔(۲) اس نے تیرے اوپر حق پر مبنی کتاب اتاری ہےجو سابقہ کتابوں (میں بیان شدہ نشانیوں)کی تصدیق کرنے والی ہے، اور اس نے تورات اور انجیل کو اتارا۔(۳) اس سے پہلے لوگوں کی ہدایت کے لیے(تورات اور انجیل کو اتارا )اور اب فرقان (حق و باطل میں فرق کرنے والی کتاب) کو نازل کیا ہے، بلاشک جنہوں نے الٰہی آیات کا کفر کیا تو ان کے لیے سخت عذاب ہوگا، اللہ غالب آنے والا اور انتقام لینے والا ہے۔(۴) آسمان اور زمین میں کچھ بھی اللہ پر پوشیدہ نہیں ہے۔(۵) وہ ایسی ذات ہے جو (ماؤں کے) رحموں میں تمہاری تصویر کشی کرتا ہے، اس کے سواء کوئی معبود نہیں ہے وہ جو کہ غالب آنے والا اور حکیم ہے ۔(۶) وہ ذات جس نے تیرے اوپر کتاب اتاری ہے، اس کی کچھ آیات محکم (واضح) ہیں جو کہ اصل ( کتاب کی بنیاد کو تشکیل دیتی)ہیں اور کچھ دوسری آیات متشابہ ہیں، جن لوگوں کے دلوں میں انحراف اور کجی ہے وہ لوگوں میں فتنہ ایجاد کرنے اور گمراہی پھیلانے کے لیے متشابہ آیات کی طرف جاتے ہیں (تاکہ ان کی من پسند تفسیر کریں) جبکہ ان آیات کی تفسیر کو سوائے اللہ کی ذات کے یا وہ جو علم میں راسخ و پختہ ہیں کوئی اور نہیں جانتا، وہ لوگ جو یہ کہتے ہیں کہ ہم اس پر ایمان لے آئے ہیں، ساری آیات ہمارے رب کی طرف سے ہیں(چاہے وہ محکم ہوں یا متشابہ آیات ہوں) صاحبان عقل کے سواء کوئی بھی وعظ و نصیحت کو نہیں اپناتا۔(۷) اے ہمارے رب! ہماری ہدایت فرمانے کے بعدہمیں باطل کی جانب نہ پھیرنا، اپنی جانب سے ہمارے لیے رحمت عطا فرما، سچ تو یہ ہے کہ تو ہی بخشنے والا ہے۔(۸) اے ہمارے رب! تو لوگوں کو اس دن میں اکٹھا کرے گا جس دن کے آنے میں کوئی شک نہیں، بتحقیق اللہ وعدہ خلافی نہیں کرتا۔(۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

تعارف سورہ:

اس سورہ میں نجران کے عیسائیوں سے مباہلہ کا معاملہ، جنگ احد اور مسلمانوں کو صبر و ثابت قدمی اور پائیداری کی دعوت کا تذکرہ ہوا ہے۔ اس سورہ کا نام آیات ۳۳ ۔۳۵ میں مذکور حضرت مریم علیہا السلام کی ولادت کے واقعہ سے لیا گیا ہے جو جناب عمران کی بیٹی تھیں۔ لہذا اس سورہ میں آل عمران سے حضرت مریم علیہا السلام اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام مراد ہیں۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے باپ کا نام بھی عمران ہے، اس جگہ وہ مراد نہیں۔

آیت ۱:

حروف مقطعہ (الم) چھ سوروں کے شروع میں آئے ہیں، سورہ بقرہ، سورہ آل عمران، سورہ عنکبوت، سورہ روم، سورہ لقمان اور سورہ سجدہ۔

آیت ۲:

(قَیُّوۡمُ) اسے کہا جاتا ہے جس کا سہارا دوسرے پر نہ ہو جبکہ دوسرے اسی کے سہارے پر ہوں، یا وہ جو ہر چیز کوقائم رکھتا ہے، ہر چیز کی پائیداری اسی سے ہے۔ اللہ تعالیٰ کو خلق کرنے، انتظام چلانے اورتسلط میں مکمل اختیار حاصل ہے۔خلق کرنے کے مادی وسائل اور اسباب مستقل نہیں ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے محتاج ہیں۔ اللہ تعالیٰ واحد موجود زندہ ہے کہ تمام زندہ موجودات کی حیات اسی سے وابستہ ہے۔ توحید تمام آسمانی کتابوں کا سرنامہ ہے (لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ)۔ معبود ہونے کی شرط ذاتی کمالات کا مالک ہونا ہے۔ صرف اللہ تعالیٰ ہے جو بذاتہ موجود ہے کسی کے سہارے سے موجود نہیں۔ ہر شئے کی موجودیت اسی سے وابستہ ہے، وہ مطلقاً بے نیاز ہے اور سب اس کے محتاج ہیں (الۡحَیُّ الۡقَیُّوۡمُ)۔

آیت ۳:

(تَوۡرٰىۃَ) عبری زبان میں شریعت اور قانون کے معنی میں ہے۔ موجودہ تورات کے پانچ حصے ہیں: ۱۔سفر پیدائش، ۲۔ سفر خروج، ۳۔سفر لاویان، ۴۔سفر اعداد، ۵۔ سفر تثنیہ۔ اس لحاظ سے کہ تورات میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کی وفات اور ان کے دفن کی تفصیل بیان ہوئی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کتاب میں جو مطالب ہیں وہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی وفات کے بعد جمع کئے گئے ہیں اور اس کتاب کو مرتّب کیا گیاہے۔ (اِنۡجِیۡل) یونانی لفظ ہے جو بشارت کے معنی میں ہے۔ موجودہ دور میں عیسائیوں کے پاس کئی اناجیل ہیں جو سب حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بعد ان کے اصحاب کے توسط سے لکھی گئی ہیں اور لکھنے والوں کے ناموں سے معروف ہیں۔۱۔انجیل متی، ۲۔انجیل مرقس، ۳۔انجیل لوقا، ۴۔انجیل یوحنا۔ آسمانی کتابیں ایک دوسرے کی تائید و تصدیق کرتی ہیں (مُصَدِّقًا لِّمَا بَیۡنَ یَدَیۡہِ)۔ اگرچہ الٰہی تربیت کے مراحل، وسائل اور دستور العمل ہر زمانہ اور ہر دور کے حالات کے تحت مختلف ہیں لیکن ان سب کا ہدف ایک ہی ہے اور ان میں انسان کی ارتقاء کی بات ہے (مُصَدِّقًا)۔

آیت ۴:

قرآن مجید کے ناموں میں سے ایک نام ’’فرقان)ہے۔ ’’فرقان‘‘فرق کرنے اور جدا کرنے کے معنی میں ہے۔ اس اعتبار سے کہ قرآن مجید حق کو باطل سے الگ کردیتا ہے اس لیے اسے ’’فرقان‘‘ کہتے ہیں۔ لوگوں کی ہدایت کرنا اللہ تعالیٰ کی دائمی سنت اور قانون ہے (مِنۡ قَبۡلُ ہُدًی)۔ قرآن مجید کے مخاطبین تمام انسان ہیں، فقط عرب اقوام نہیں (لِلنَّاسِ)سب انسانوں کے لیے ہے۔ جب بھی سلیقوں، روشوں، افکار اور عقائد کے بارے حیرت و سرگردانی میں مبتلا ہوں تو آخری فیصلہ قرآن مجید کا ہوگا کیونکہ وہ فرقان ہے۔ اگر ہم احادیث کے مضامین کی وجہ سے حیرت میں ہوں تو ہمیں اس حدیث کو لے لینا چاہیے جو قرآن مجید کے مطابق ہو۔ اللہ تعالیٰ کی سزا ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے وگرنہ اللہ تعالیٰ ایسا عزیز اور غالب آنے والا ہے کہ جس میں کچھ کم نہیں ہے (عَزِیۡزٌ ذُو انۡتِقَامٍ)۔

آیت ۵:

چند آیات پہلے بیان ہوا کہ اللہ تعالیٰ حی و قیوم ہے، اللہ تعالیٰ کی قیومیت کو بیان کرنے کے عبد اس آیت میں اللہ تعالیٰ کے لیے تمام اشیاء کے آشکار ہونے کو بیان کیا ہے جو قیومیت کا جلوہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ہر چیز سے آگاہ ہے، انسان اور ہر موجود ہر لمحہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہے۔ اس لیے انسان کو چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کے حضور گناہ کرنے سے گریز کرے۔ سابقہ آیت سےاستفادہ ہوتا ہے کہ کسی کا کفر اور کسی کی معصیت اور گناہ اللہ تعالیٰ سے پوشیدہ نہیں ہے (کَفَرُوۡا۔۔۔لَا یَخۡفٰی عَلَیۡہِ شَیۡءٌ)۔ افراد، اعمال، جگہوں،اوقات اور زمانوں کے متعدد ہونے کی وجہ سے کچھ بھی اللہ تعالیٰ پر مخفی و پوشیدہ نہیں رہتا (لَا یَخۡفٰی عَلَیۡہِ شَیۡءٌ فِی الۡاَرۡضِ وَ لَا فِی السَّمَآءِ)۔

آیت ۶:

وراثت، صحت، خوراک، نفسیاتی عوامل و اسباب کا جنین کے جسم و روح پر اثر کرنا الٰہی سنتوں اور قوانین سے ہے اور یہ سب اللہ تعالیٰ کی تدبیر اور حکمت کے دائرہ میں ہے۔ تکوین اور تشریع (قانون سازی) کا سرچشمہ ایک ہی ہے، اللہ تعالٰی ہی نے کائنات اور انسان کو خلق کیا ہے اور اسی نے کتاب بھیجی ہے(ہُدًی لِّلنَّاسِ ۔۔۔یُصَوِّرُکُمۡ)۔ انسانی شکل و صورت اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے اس لیے ہمیں ایک دوسرے کی شکل و صورت پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے (ہُوَ الَّذِیۡ یُصَوِّرُکُمۡ)۔ اپنی خلقت پر غور و فکر کرنا اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کا سبب ہے (یُصَوِّرُکُمۡ ۔۔۔لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ)۔ اگرچہ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے(کَیۡفَ یَشَآءُ)لیکن اللہ تعالیٰ حکمت کے بغیر کچھ نہیں کرتا (ہُوَ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ)۔ انسانوں کی مختلف شکلیں اللہ تعالیٰ کی قدرت اور حکمت کی نشانی ہے (یُصَوِّرُکُمۡ ۔۔۔ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ)۔

آیت ۷:

سوال: قرآن مجید نے ایک مقام پر اپنی تمام آیات کو محکم کہا ہے اور فرمایا ہے : (کِتٰبٌ اُحۡکِمَتۡ اٰیٰتُہٗ)’’ھود،۱‘‘ جبکہ دوسرے مقام پر ساری آیات کو متشابہ کہا ہے(کِتٰاباً مُتَشٰابِھاً)’’زمر، ۲۳‘‘، اور اس آیت میں بعض آیات کو محکم اور بعض کو متشابہ کہا ہے، اس کی کیا وجہ ہے؟ جواب: جس جگہ کہا کہ قرآن مجید کی ساری آیات محکم ہیں اس سے مراد یہ ہے کہ ان میں کوئی کمزور بات نہیں ہے اور جہاں پر فرمایا کہ اس کی آیات متشابہ ہیں تو اس سے مراد یہ ہے کہ قرآن مجید کی ساری آیات ایک جیسی اور ایک دوسرے کے مطابق اور ہم آہنگ ہیں لیکن اس سب کے باوجود ان آیات کے مضامین کو سمجھنا سب کے لیے یکساں نہیں ہے۔ کچھ آیات کا معنی واضح و روشن ہے اور ہر شخص اسے سمجھ سکتاہے جبکہ کچھ میں بلند اور اعلیٰ مضامین ہیں جسے ہر شخص نہیں سمجھ سکتا۔ ان کے معانی پیچیدہ ہیں اس لحاظ سے ان سے مطلب سمجھنے میں اشتباہ ہوسکتا ہے۔ مثال کے طور پر قرآن مجید میں ہے (اِلٰی رَبِّہَا نَاظِرَۃٌ)’’قیامت، ۲۳‘‘ قیامت کے دن آنکھیں اپنے رب کو دیکھنے والی ہوں گی۔ قطعی عقلی دلائل سے ثابت ہے کہ اللہ تعالیٰ جسم نہیں، نیز دوسری آیات میں ہے (لَا تُدۡرِکُہُ الۡاَبۡصَارُ)’’انعام، ۱۰۳‘‘ آنکھیں اسے درک نہیں کرسکتیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف دیکھنے سے مراد یہ ہے کہ قیامت کے دن ان کی نظریں اللہ تعالیٰ کے لطف و کرم، مہربانی اور اس کے ثواب پر ہوں گی۔ اسی طرح (یَدُ اللّٰہِ فَوۡقَ اَیۡدِیۡہِمۡ) اللہ کے ہاتھ سے اللہ تعالیٰ کی قدرت مراد ہے۔’’فتح، ۱۰‘‘ جس طرح کہا جاتا ہے کہ فلاں شخص کا فلاں دفتر میں یا شہر میں بڑا ہاتھ ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس میں اس کا اختیار ہے۔ تاویل سے پشت پردہ اسرار اور معارف مراد لیے جا سکتے ہیں جو بعد میں واضح ہوں گے۔ جس طرح وہ خواب جو حضرت یوسف علیہ السلام نے دیکھا تھا جس کی تعبیر بعد میں معلوم ہوئی۔ یا حضرت موسیٰ علیہ السلام نے جو کشتی میں سوراخ کیا تو اس کی حکمت بعد میں واضح ہوئی۔ احادیث میں ہے کہ آئمہ معصومین علیہم السلام (راسخون فی العلم) ہیں۔ منحرف و ٹیڑھا دل، فتنہ و فساد کا سبب ہے (فِیۡ قُلُوۡبِہِمۡ زَیۡغٌ فَیَتَّبِعُوۡنَ مَا تَشَابَہَ مِنۡہُ ابۡتِغَآءَ الۡفِتۡنَۃِ)۔ فتنہ صرف عسکری آشوب اور فیزیکل فساد نہیں ہوتا بلکہ تفسیر بالرائے اور قرآن مجید کی آیات کی معنوی تحریف کو بھی شامل ہے (ابۡتِغَآءَ الۡفِتۡنَۃِ)۔ بعض دفعہ حق اور حقیقت بھی باطل کی دستاویز بن جاتی ہے (ابۡتِغَآءَ الۡفِتۡنَۃِ)۔ الٰہی آیات کا اعلیٰ مقصد اور آخری ہدف کو اللہ تعالیٰ اور راسخون فی العلم ہی جانتے ہیں (وَ مَا یَعۡلَمُ تَاۡوِیۡلَہٗۤ اِلَّا اللّٰہُ ۘوَ الرّٰسِخُوۡنَ فِی الۡعِلۡمِ)۔

آیت ۸:

جن امور کو ہم نہیں سمجھ سکتے تو ان کا انکار نہ کریں (کُلٌّ مِّنۡ عِنۡدِ رَبِّنَا)۔ اپنے علم پر مغرور نہ ہوں بلکہ ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے ہدایت مانگیں (رَبَّنَا لَا تُزِغۡ قُلُوۡبَنَا۔۔۔)۔ حقیقی علم اور (راسخ فی العلم) ہونے کی نشانی اللہ تعالیٰ پر توجہ دینا اور اسی سے مدد مانگنا ہے (وَ الرّٰسِخُوۡنَ فِی الۡعِلۡمِ۔۔۔رَبَّنَا لَا تُزِغۡ قُلُوۡبَنَا)۔ ہدایت اور گمراہی کا محور انسان کے افکار اور اس کا قلب و دل ہے (لَا تُزِغۡ قُلُوۡبَنَا)۔ سیدھی راہ پر آجانا کافی نہیں بلکہ سیدھی راہ پر آنے کے بعد اس سے منحرف نہ ہونا زیادہ اہم ہے (بَعۡدَ اِذۡ ہَدَیۡتَنَا)۔

آیت۹:

دنیا میں روحانی حالات پر توجہ دینا (لَا تُزِغۡ قُلُوۡبَنَا)اور آخرت میں اعمال کے انجام پر توجہ دینا دانشمند ہونے کی نشانی ہے (لِیَوۡمٍ لَّا رَیۡبَ فِیۡہِ)۔ ایک طرف قیامت کا دن اکٹھے ہونے کا دن ہے کہ سب ایک جگہ اکٹھے ہوں گے (جَامِعُ النَّاسِ)، دوسری جانب یہ دن جدائی کا بھی دن ہے کہ احتساب کے بعد سب ایک دوسرے سے جدا ہوں گے اور اپنی اپنی جگہ اور مقام پر جائیں گے(اِنَّ یَوۡمَ الۡفَصۡلِ کَانَ مِیۡقَاتًا)’’نباء، ۱۷‘‘۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 10 تا 15
إِنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ لَن تُغۡنِيَ عَنۡهُمۡ أَمۡوَٰلُهُمۡ وَلَآ أَوۡلَٰدُهُم مِّنَ ٱللَّهِ شَيۡـٔٗاۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ هُمۡ وَقُودُ ٱلنَّارِ ١٠ كَدَأۡبِ ءَالِ فِرۡعَوۡنَ وَٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِهِمۡۚ كَذَّبُواْ بِـَٔايَٰتِنَا فَأَخَذَهُمُ ٱللَّهُ بِذُنُوبِهِمۡۗ وَٱللَّهُ شَدِيدُ ٱلۡعِقَابِ ١١ قُل لِّلَّذِينَ كَفَرُواْ سَتُغۡلَبُونَ وَتُحۡشَرُونَ إِلَىٰ جَهَنَّمَۖ وَبِئۡسَ ٱلۡمِهَادُ ١٢ قَدۡ كَانَ لَكُمۡ ءَايَةٞ فِي فِئَتَيۡنِ ٱلۡتَقَتَاۖ فِئَةٞ تُقَٰتِلُ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ وَأُخۡرَىٰ كَافِرَةٞ يَرَوۡنَهُم مِّثۡلَيۡهِمۡ رَأۡيَ ٱلۡعَيۡنِۚ وَٱللَّهُ يُؤَيِّدُ بِنَصۡرِهِۦ مَن يَشَآءُۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَعِبۡرَةٗ لِّأُوْلِي ٱلۡأَبۡصَٰرِ ١٣ زُيِّنَ لِلنَّاسِ حُبُّ ٱلشَّهَوَٰتِ مِنَ ٱلنِّسَآءِ وَٱلۡبَنِينَ وَٱلۡقَنَٰطِيرِ ٱلۡمُقَنطَرَةِ مِنَ ٱلذَّهَبِ وَٱلۡفِضَّةِ وَٱلۡخَيۡلِ ٱلۡمُسَوَّمَةِ وَٱلۡأَنۡعَٰمِ وَٱلۡحَرۡثِۗ ذَٰلِكَ مَتَٰعُ ٱلۡحَيَوٰةِ ٱلدُّنۡيَاۖ وَٱللَّهُ عِندَهُۥ حُسۡنُ ٱلۡمَـَٔابِ ١٤ ۞ قُلۡ أَؤُنَبِّئُكُم بِخَيۡرٖ مِّن ذَٰلِكُمۡۖ لِلَّذِينَ ٱتَّقَوۡاْ عِندَ رَبِّهِمۡ جَنَّٰتٞ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُ خَٰلِدِينَ فِيهَا وَأَزۡوَٰجٞ مُّطَهَّرَةٞ وَرِضۡوَٰنٞ مِّنَ ٱللَّهِۗ وَٱللَّهُ بَصِيرُۢ بِٱلۡعِبَادِ ١٥
ترجمہ
جنہوں نے کفر کیا ہے ان کے اموال و اولاد انہیں اللہ سے ہرگز کچھ بھی بے نیاز نہیں بنائیں گے اور یہ لوگ دوزخ کا ایندھن ہوں گے۔(۱۰) کافروں کا رویہ اور شیوہ انکار کرنے اور حقائق کی تحریف کرنے میں فرعونیوں اور ان جیسا ہے جو ان سے پہلے گزرے ہیں کہ جنہوں نے ہماری آیات کو جھٹلایا لہذا اللہ نے انہیں ان کے گناہوں کی وجہ سے گرفت میں لیا، اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔(۱۱) جو کافر ہوگئے ہیں ان سے کہہ دو کہ وہ (جنگ احد میں کامیابی پر خوش نہ ہوں) بہت جلد شکست کھائیں گے اور جہنم کی جانب روانہ جائیں گے اور یہ کتنا ہی برا ٹھکانہ ہے۔(۱۲) یقینی امر ہے کہ تمہارے لیے ان دو گروہوں میں ایک نشانی تھی جو جنگ (بدر) میں شامل ہوئے، ایک گروہ اللہ کی راہ میں جنگ کر رہا تھا اور دوسرا کافر تھا وہ (کفار) اپنی نظروں سے ان (مسلمانوں) کو اپنے سے دو برابر دیکھ رہے تھےاور خدا جسے چاہتا ہے اپنی نصرت سے اس کی تائید کرتا ہے، اس واقعہ میں سمجھداروں کے لیے نصیحت و عبرت ہے۔(۱۳) لوگوں کی نظروں میں نفسانی خواہشات جیسےعورتوں، اولاد،کثیر اموال، سونا چاندی، عمدہ گھوڑے، جانور اور کھیتی باڑی سے محبت کو زیب و زینت بنادی گئی ہیں جبکہ یہ سب کچھ (فانی دنیا میں)عارضی فائدہ کےلیے ہیں اور اچھا اور نیک انجام اللہ کے ہاں ہے۔(۱۴) ان سے کہو کہ کیا میں تمہیں اس سے بہتر کے بارے خبر نہ دوں ان کے لیے جو تقویٰ والے ہیں، ان کے رب کے ہاں بہشتی باغات ہیں کہ ان کے درختوں کے نیچے نہریں جاری ہیں جن سے وہ ہمیشہ بہرہ مند ہوں گے، پاکیزہ بیویاں ان کے لیے ہوں گی، اللہ کی رضا ان کے شامل حال ہوگی، اللہ اپنے بندوں (کے حالات) بارے آگاہ ہے۔(۱۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت۱۰:

(وَقُوۡد)جلانے کے کام آنے والی اشیاء پر بولا جاتا ہے۔ جہنم کی آگ کا ایندھن دو چیزیں ہیں: پتھر اور انسان (وَقُوۡدُہَا النَّاسُ وَ الۡحِجَارَۃُ)’’بقرہ۲۴‘‘ جی ہاں! خصلتیں، عادتیں، افکار اور اعمال انسان کی اصلیت کو بدل دیتے ہیں۔ انسان آگ کے ایندھن میں تبدیل ہوجائے گا، اپنے جلائے جانے کا خود ہیں ذریعہ ہوگا۔ اگرچہ یہ آیت کافروں سے مخصوص ہے لیکن اس سے نصیحت لی جائے۔ انسان اپنے مال اور اولاد پر مغرور نہ ہو، غیر خدا پر بھروسہ بے فائدہ اور مذموم ہے(لَنۡ تُغۡنِیَ عَنۡہُمۡ اَمۡوَالُہُمۡ وَ لَاۤ اَوۡلَادُہُمۡ)۔ کفر انسان کو انسانیت کے دائرے سے نکال دیتا ہے اور اسے مادی اشیاء اور جمادات کی سطح پر لے آتا ہے (اُولٰٓئِکَ ہُمۡ وَقُوۡدُ النَّارِ )۔

آیت ۱۱:

گزرے ہوئے لوگوں کی تاریخ بہترین درس ہے۔ فرعون اور آل فرعون جو طاقت کا استعارہ تھے اللہ تعالٰی کے قہر و غضب کے سامنے ایک لمحہ بھی تاب نہ لاسکے۔ لہذا انسان کو تھوڑے مال اور مختصر طاقت و قدرت پر نازاں نہیں ہونا چاہیے۔ بعض دفعہ ظالم حکمرانوں کے اردگرد بیٹھے لوگوں کا کردار اور ان کا ظلم و ستم خود ان ظالم و سرکش حکمرانوں سے کم نہیں ہوتا (کَدَاۡبِ اٰلِ فِرۡعَوۡنَ)۔ گناہ برائی ہے، لیکن اس سے بد تر یہ ہے کہ انسان گناہ کا عادی ہوجائے (کَدَاۡبِ اٰلِ فِرۡعَوۡنَ ۙ وَ۔۔۔)۔ سابقہ امتوں کے گناہ ان کی ہلاکت کا سبب تھے (فَاَخَذَہُمُ اللّٰہُ بِذُنُوۡبِہِمۡ)۔ جب گناہ کرنا عادت بن جائے اور انسان میں گناہ رچ بس جائے تو اس گناہ کی سزا اللہ تعالیٰ کی طرف سے زیادہ سخت ہو گی (کَدَاۡبِ۔۔۔شَدِیۡدُ الۡعِقَابِ)۔

آیت ۱۲:

۲ ہجری میں مسلمان جنگ بدر میں کامیاب ہوئے تو یہودیوں کی ایک جماعت نے کہا:یہ کامیابی حضرت محمدﷺکی سچائی کی نشانی ہے کیونکہ تورات میں آیا ہے کہ وہ اپنے دشمنوں پرغالب آئیں گے۔ دوسرے گروہ نے کہا کہ تم جلد بازی میں ایسی بات نہ کہو، ہوسکتا ہے کہ وہ دوسری جنگوں میں شکست کھائیں۔ پھر جب ہجرت کے تیسرے سال جنگ احد میں مسلمانوں کو شکست ہوئی تو یہودیوں کا دوسرا گروہ خوشحال ہوا تو یہ آیت نازل ہوئی کہ تم فیصلہ دینے میں جلدی مت کرو کیونکہ تم مستقبل میں بہت جلد شکست کھاؤ گے۔ زیادہ عرصہ نہ گزرا تھا کہ مدینہ میں بنی قریظہ اور بنی نضیر کے یہودیوں کی طاقت مسلمانوں کے ہاتھوں درہم برہم ہوئی۔ فتح مکہ میں مشرکین بھی شکست کھاگئے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ آیت پورے کفر کی شکست کی طرف اشارہ ہو کہ جب حضرت امام مہدی علیہ السلام کا ظہور ہوگا تو عالمی سطح پر کفر شکست کھائے گا اور ہر طرف اسلام چھا جائے گا(سَتُغۡلَبُوۡنَ)۔ ان ناکامیوں سے خوف زدہ رہو جو آتش جہنم میں لے جانے کا سبب بنیں وگرنہ ہر جنگ میں کامیابی اور ناکامی کا احتمال موجود ہوتا ہے (سَتُغۡلَبُوۡنَ وَ تُحۡشَرُوۡنَ اِلٰی جَہَنَّمَ)۔

آیت ۱۳:

یہ آیت جنگ بدر سے متعلق ہے کہ جس میں مسلمانوں اور کفار کا آمنا سامنا ہوا، اس جنگ میں مسلمانوں کی تعداد ۳۱۳ تھی لیکن کافروں کا لشکر ایک ہزار سے زیادہ تھا۔ ان کے پاس ایک ہزار گھڑ سوار تھے۔اس جنگ میں ۲۲ مسلمان شہید ہوئے اور ۷۰ کفار ہلاک ہوئے اور ستر قیدی ہوئے۔ اس جنگ میں مسلمان کامیاب ہوئے اور کافر شکست کھا گئے۔ جنگ بدر پہلے سے طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت نہیں ہوئی۔ اس کا ہدف یہ تھا کہ مکہ میں مسلمانوں کے اموال پر کافروں کے قبضہ کے بدلہ میں مکہ آنے والے کافروں کے تجارتی قافلہ کے اموال پر قبضہ کر لیا جائے جس کے نتیجہ میں جنگ چھڑگئی(فِیۡ فِئَتَیۡنِ الۡتَقَتَا)۔ سوال: اس آیت میں ہے کہ کافر مسلمانوں کو دو برابر دیکھ رہےتھے(یَرَوۡنَہُمۡ مِّثۡلَیۡہِمۡ)جبکہ سورہ انفال آیت ۴۴ میں ہے کہ مسلمان کافروں کی نظر میں کم محسوس ہوئے (یُقَلِّلُکُمۡ فِیۡۤ اَعۡیُنِہِمۡ)ان دو مطالب کو کس طرح جمع کیا جائے؟ جواب: اس بارے یہ کہا جاسکتاہے کہ جنگ کے شروع میں انہوں نے مسلمانوں کو کم محسوس کیا تاکہ وہ مسلمانوں پر حملہ کرنے کی جرائت پیدا کریں اور مکہ کے کفار سے مدد نہ مانگیں لیکن جب جنگ شروع ہوئی تو انہوں نے مسلمانوں کی تعداد کو زیادہ محسوس کیا اور نفسیاتی طور پر شکست کھا گئے۔ لہذا کم تعداد محسوس کرنا یا زیادہ تعداد محسوس کرنا دو مختلف اوقات میں پیش آیا، پس اس میں تناقض نہیں ہے۔ جنگ اللہ تعالیٰ اور اس کے دین کے لیے ہونی چاہیے (فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ جہاں خدا چاہے وہاں انسان کی نظر میں بھی تبدیلی آجاتی ہے۔ اسی ایک ہی آنکھ کو ایک جمعیت بعض دفعہ کمتر نظر آتی ہے اور بعض دفعہ اسی آنکھ کو وہی جمعیت زیادہ نظر آتی ہے(یَرَوۡنَہُمۡ مِّثۡلَیۡہِمۡ رَاۡیَ الۡعَیۡنِ) ۔ غیبی امدادت میں سے ایک دشمن کے دل میں رعب اور خوف پیدا کرنا ہے (یَرَوۡنَہُمۡ مِّثۡلَیۡہِمۡ ۔۔۔وَ اللّٰہُ یُؤَیِّدُ)۔ اگرچہ اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے اس کی مدد کرتا ہے(مَنۡ یَّشَآءُ) لیکن اس کی مدد کی شرط یہ ہے کہ لوگ دین کی مدد کرنے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں جیسا کہ دوسری آیت میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے (اِنۡ تَنۡصُرُوا اللّٰہَ یَنۡصُرۡکُمۡ)’’محمد، ۷‘‘۔ اگرچہ حالات اور واقعات عبرت کا وسیلہ ہیں(کَانَ لَکُمۡ اٰیَۃٌ) لیکن عبرت لینے اور سبق حاصل کرنے کے لیے بصیرت اور سمجھ و فہم کی ضرورت ہے (لَعِبۡرَۃً لِّاُولِی الۡاَبۡصَارِ)۔

آیت ۱۴:

(قَنَاطِیۡرِ)قنطار کی جمع ہے جو کثیر مال کے معنی میں ہے اور اس لفظ کے بعد (مُقَنۡطَرَۃ) کا آنا مزید تاکید کے لیے ہے۔ ( خَیۡل) گھوڑے اور گھڑ سوار دونوں کے معنی میں ہے۔ (مُسَوَّمَۃ) نشان لگے ہوئے کے معنی میں ہے۔ کچھ گھوڑوں میں ان کی اپنی خوبصورتی یا خاص تربیت کے نتیجہ میں عمدگی آجاتی ہے اور وہ دوسرے گھوڑوں سے ممتاز ہوتے ہیں تو انہیں (الۡخَیۡلِ الۡمُسَوَّمَۃِ) کہا جاتا ہے، برجستہ گھوڑے۔ دنیا انسان کی نظر میں مختلف ذرائع سے جلوہ گر ہوتی ہے، جن میں ذاتی خیالات و وہمیات (یَحۡسَبُوۡنَ اَنَّہُمۡ یُحۡسِنُوۡنَ صُنۡعًا)’’کہف، ۱۰۴‘‘، (فَرَاٰہُ حَسَنًا)’’فاطر، ۸‘‘ شیطان کی طرف سے وسوسہ (زَیَّنَ لَہُمُ الشَّیۡطٰنُ اَعۡمَالَہُمۡ)’’انفال، ۴۸‘‘، چاپلوس ساتھیوں کی چاپلوسی (زُیِّنَ لِفِرۡعَوۡنَ سُوۡٓءُ عَمَلِہٖ) ’’غافر، ۳۷‘‘ شامل ہیں۔ اس آیت میں دنیا داری کے جومصادیق بیان ہوئے ہیں وہ آیت کے نزول کے زمانہ کے مصادیق ہوسکتے ہیں لہذا ہر زمانہ کے لیے اس کے نئے مصادیق فرض کئے جاسکتے ہیں،سونا چاندی، مال ذخیرہ کرنے سے استعارہ ہے اورگھوڑا، سواری سے استعارہ ہے۔ سوال: جب اللہ تعالیٰ نے مال اور اولاد کو زینت کے طور پر قبول کیا ہے (اَلۡمَالُ وَ الۡبَنُوۡنَ زِیۡنَۃُ الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا)’’کہف، ۴۶‘‘ تو پھر اس آیت میں اس کی مذمت کیوں کی گئی ہے؟ جواب: کسی چیز کا زینت ہونا اور اس کے ساتھ دل لگانا دو الگ باتیں ہیں۔ اس آیت میں ان سے دل لگانے کی مذمت کی گئی ہے جسے(حُبُّ الشَّہَوٰتِ)سے تعبیر کیا ہے۔ مادی چیزوں سے تعلق ہر انسان کے لیے فطری عمل ہے اور یہ ہر انسان کے باطن میں موجود ہے، جو چیز خطرناک ہے وہ وہ ان چیزوں کی زینت اور جلوؤں سے دھوکہ کھانا اور ان چیزوں سے دل بستگی کو کنٹرول نہ کرنا ہے (زُیِّنَ لِلنَّاسِ۔۔۔)۔ انسان کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ دنیاوی زینتوں اور رنگینوں سے دل لگانا آخرت سے غفلت کا سبب بنے گا(زُیِّنَ لِلنَّاسِ۔۔۔ وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗ حُسۡنُ الۡمَاٰبِ)۔ دنیا کا جلوہ تو سب کے لیے ہے لیکن سمجھدار افراد اس کے جال میں پھنس نہیں جاتے(زُیِّنَ لِلنَّاسِ)، فرعون کی بیوی کی مثال لے لیں کہ وہ تاریخ کی سمجھدار ترین خاتون ہیں کیونکہ اس کی نظر میں سونا چاندی، محل اور دربار کی رونقیں کچھ حیثیت نہیں رکھتے (نَجِّنِیۡ مِنۡ فِرۡعَوۡنَ وَ عَمَلِہٖ)’’تحریم، ۱۱‘‘۔ بیوی اور اولاد کے ساتھ حد سے زیادہ تعلق دنیا کے ساتھ دل لگانے کا سبب بنتا ہے (حُبُّ الشَّہَوٰتِ مِنَ النِّسَآءِ وَ الۡبَنِیۡنَ)۔ توجہ رہے کہ دنیاوی جلوؤں اور زینتوں سے تعلق آخرت سے غفلت کا سبب ہے (زُیِّنَ لِلنَّاسِ ۔۔۔وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗ حُسۡنُ الۡمَاٰبِ)۔ بری عاقبت اور برے انجام کے اسباب میں سے ایک دنیا سے دل لگانا ہے، کیونکہ اچھا انجام فقط اللہ تعالیٰ کے پاس ہے ( زُیِّنَ لِلنَّاسِ ۔۔۔وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗ حُسۡنُ الۡمَاٰبِ)۔ تباہ کن خواہشات پرقابو پانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کا خدا کے ابدی فضل و کرم سے موازنہ کیا جائے(وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗ حُسۡنُ الۡمَاٰبِ)۔

آیت ۱۵:

پچھلی آیت کے بعد یہ آیت نیک لوگوں کی جنت کی تصویر کشی کرتی ہے۔ لوگوں کو حق کی طرف دعوت دیتے وقت انہیں دنیا اور آخرت کا موازنہ کرنے کی دعوت دینی چاہیے(قُلۡ اَؤُنَبِّئُکُمۡ بِخَیۡرٍ۔۔۔)۔ دائمی و ابدی جنت اور خدا کی رضا کہاں اور دنیا کی عارضی اور فانی لذتیں کہاں؟ ان دونوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے (ذٰلِکَ مَتَاعُ الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا۔۔۔قُلۡ اَؤُنَبِّئُکُمۡ)۔ متقی لوگ دنیا کی رنگینیوں اور زینتوں سے دل نہیں لگاتے، (لِلَّذِیۡنَ اتَّقَوۡا)کی تعبیر پچھلی آیت میں بیان شدہ عبارت (لِلنَّاسِ)کے مقابلے میں استعمال ہوئی ہے۔ آخرت کی نعمتوں تک رسائی کا ذریعہ تقویٰ ہے (لِلَّذِیۡنَ اتَّقَوۡا)۔ ترغیب دلانا انسان کی فطری خواہشات کے مطابق ہو (الۡاَنۡہٰرُ، اَزۡوَاجٌ، خٰلِدِیۡنَ)۔ پاکدامنی اور پاکیزگی عورت کے لیے برترین شان ہے (اَزۡوَاجٌ مُّطَہَّرَۃٌ)۔ بہشتی لذتیں مادی لذتوں میں محدود نہیں، اللہ تعالیٰ کی رضا معنوی لذتوں میں سب سے بلند ترین اور اعلیٰ لذت ہے (رِضۡوَانٌ مِّنَ اللّٰہِ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 16 تا 22
ٱلَّذِينَ يَقُولُونَ رَبَّنَآ إِنَّنَآ ءَامَنَّا فَٱغۡفِرۡ لَنَا ذُنُوبَنَا وَقِنَا عَذَابَ ٱلنَّارِ ١٦ ٱلصَّٰبِرِينَ وَٱلصَّٰدِقِينَ وَٱلۡقَٰنِتِينَ وَٱلۡمُنفِقِينَ وَٱلۡمُسۡتَغۡفِرِينَ بِٱلۡأَسۡحَارِ ١٧ شَهِدَ ٱللَّهُ أَنَّهُۥ لَآ إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ وَٱلۡمَلَٰٓئِكَةُ وَأُوْلُواْ ٱلۡعِلۡمِ قَآئِمَۢا بِٱلۡقِسۡطِۚ لَآ إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ٱلۡعَزِيزُ ٱلۡحَكِيمُ ١٨ إِنَّ ٱلدِّينَ عِندَ ٱللَّهِ ٱلۡإِسۡلَٰمُۗ وَمَا ٱخۡتَلَفَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ إِلَّا مِنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَهُمُ ٱلۡعِلۡمُ بَغۡيَۢا بَيۡنَهُمۡۗ وَمَن يَكۡفُرۡ بِـَٔايَٰتِ ٱللَّهِ فَإِنَّ ٱللَّهَ سَرِيعُ ٱلۡحِسَابِ ١٩ فَإِنۡ حَآجُّوكَ فَقُلۡ أَسۡلَمۡتُ وَجۡهِيَ لِلَّهِ وَمَنِ ٱتَّبَعَنِۗ وَقُل لِّلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ وَٱلۡأُمِّيِّـۧنَ ءَأَسۡلَمۡتُمۡۚ فَإِنۡ أَسۡلَمُواْ فَقَدِ ٱهۡتَدَواْۖ وَّإِن تَوَلَّوۡاْ فَإِنَّمَا عَلَيۡكَ ٱلۡبَلَٰغُۗ وَٱللَّهُ بَصِيرُۢ بِٱلۡعِبَادِ ٢٠ إِنَّ ٱلَّذِينَ يَكۡفُرُونَ بِـَٔايَٰتِ ٱللَّهِ وَيَقۡتُلُونَ ٱلنَّبِيِّـۧنَ بِغَيۡرِ حَقّٖ وَيَقۡتُلُونَ ٱلَّذِينَ يَأۡمُرُونَ بِٱلۡقِسۡطِ مِنَ ٱلنَّاسِ فَبَشِّرۡهُم بِعَذَابٍ أَلِيمٍ ٢١ أُوْلَٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ حَبِطَتۡ أَعۡمَٰلُهُمۡ فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِ وَمَا لَهُم مِّن نَّٰصِرِينَ ٢٢
ترجمہ
وہ لوگ جو یہ کہتے ہیں اے ہمارے رب! بتحقیق ہم تو ایمان لے آئے ہیں، تو ہمارے گناہ معاف کردے اور ہمیں آتش کے عذاب سے بچا لے۔(۱۶) صبر کرنے والے، سچ بولنے والے، اللہ کے سامنے فرمانبردار، فروتنی کرنے والے، اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والے اور سحری کے اوقات میں مغفرت طلب کرنے والے ہیں۔(۱۷) اللہ گواہی دیتا ہے کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں اور سارے فرشتے اور صاحبان علم سب اللہ کی وحدانیت کی گواہی دیتے ہیں،وہ انصاف قائم کرنے والا ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ بڑا غالب آنے والا، حکمت والا ہے۔(۱۸) اللہ کے ہاں (مورد قبول) دین اسلام ہے، اہل کتاب نے اختلاف نہیں کیا مگر اس وقت جب ان کے پاس علم آچکا تھا( کہ اسلام برحق دین ہے) یہ اختلاف ان کی دشمنی کا نتیجہ تھا، جو بھی شخص اللہ کی آیات کا انکار کرے تو اس کو معلوم ہو کہ اللہ جلد حساب چکانے والا ہے۔(۱۹) پس اگر وہ (اہل کتاب) تیرے ساتھ بحث و مباحثہ کریں تو ان سے کہہ دو کہ میں اور میرے پیروکار پورے وجود کے ساتھ اللہ کے سامنے تسلیم ہیں، اہل کتاب اور مکہ کے ان پڑھ مشرکین سے کہہ دو: کیا تم بھی تسلیم ہوگئے ہو؟ اگر وہ تسلیم ہوں(اسلام لے آئیں) تو انہوں نے ہدایت پالی ہے اور اگر منہ موڑ لیں تو تمہاری ذمہ داری فقط (الٰہی) پیغام کو پہنچانا ہے، اللہ اپنے بندوں کے بارےبابصیرت ہے۔(۲۰) سچ تو یہ ہے کہ جنہوں نے اللہ کی آیات کا انکار کیا اور اللہ کے پیغمبروں کو ناحق قتل کرتے تھےاور جو لوگ دوسروں کو عدل و انصاف کرنے کا حکم دیتے ہیں ان کو بھی قتل کرتے ہیں تو انہیں دردناک عذاب کی بشارت دے دو۔(۲۱) یہ وہ لوگ ہیں کہ جن کے اعمال دنیا و آخرت میں برباد ہوگئے اور ان کے لیے کوئی یاور و مددگار نہیں ہے۔(۲۲)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۶۔۱۷:

متقین ہمیشہ دعا کرنے والے اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے والے ہیں (یَقُوۡلُوۡنَ)۔ ایمان اللہ تعالیٰ کی طرف سے معافی ملنے کا سبب ہے (اٰمَنَّا فَاغۡفِرۡ لَنَا)۔ معافی دینا ربوبیت کے شؤن سے ہے اور تربیت کا لازمہ ہے (رَبَّنَاۤ۔۔۔فَاغۡفِرۡ لَنَا)۔ اللہ تعالیٰ کے عذاب اور غضب سے ڈرنا تقویٰ کی نشانی ہے (قِنَا عَذَابَ النَّارِ)۔ اپنے نیک اعمال پر بھروسہ نہ کرو اگرچہ تم اہل تقویٰ ہی کیوں نہ ہو پھر بھی اللہ تعالٰی کے عذاب سے ڈرتے رہو (قِنَا عَذَابَ النَّارِ)۔ متقی افراد کی کچھ خصوصیات اور معیارات ہیں، ان میں سے چند اس طرح ہیں: ۱۔ مشکلات کے وقت ، گناہوں کو ترک کرنے اور واجبات کو انجام دینے پر صبر کرتے ہیں۔ ۲۔ گفتار اور کردار میں سچائی۔ ۳۔ الٰہی دستورات کو انجام دینے میں خشوع و خضوع، غرور و تکبر اور خود پسندی سے دوری۔ ۴۔ اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی روزی سے خرچ کرنے والے ہیں۔ ۵۔ سحر کے وقت اللہ تعالیٰ سے راز و نیاز کرنے والے ہیں اور اپنے گناہوں اور خطاؤں کی معافی طلب کرنے والے ہیں۔ بعض احادیث میں آیا ہے کہ اگر کوئی شخص مسلسل نماز شب کے دعائے قنوت میں ستر مرتبہ استغفار کرے تو وہ اس آیت کے مصادیق میں شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی دیکھ بھال اور ان پر خرچ کرنا اور اللہ تعالیٰ کی عبادت دونوں انسانی کمالات میں سے ہیں(وَ الۡمُنۡفِقِیۡنَ وَ الۡمُسۡتَغۡفِرِیۡنَ بِالۡاَسۡحَارِ)۔ تقویٰ کا مطلب معاشرہ سے الگ تھلگ رہنا، تنہائی، گوشہ نشینی اور بے خبر رہنا نہیں بلکہ متقی وہ شخص ہے جس میں تمام کمالات موجود ہوں (اَلصّٰابِرِیۡنَ وَ الصّٰادِقِیۡنَ وَ ۔۔۔)۔

آیت ۱۸:

جہاں پر تعدّد اور کثرت ہو وہاں محدودیت بھی ہے۔ بغیر حد بندی کے گھر ایک ہی ہوگا، اگر ہم کہیں کہ فلاں چراغ کا نور اور اس کی روشنی بے نہایت ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ دوسرے چراغ کی ضرورت نہیں رہتی۔ اللہ تعالیٰ بے نہایت ہے کیونکہ اگر اس کی کوئی حد اور انتہا ہوتو اس کا سامنا عدم اور نیستی سے ہوگا۔ لہذا جو بے نہایت ہے اس میں تعدد اور کثرت نہیں ہے۔ عملی گواہی، گواہی کی سب سے بہترین قسم ہے۔ کائنات میں موجود مخلوقات کا ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہونا اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کی بہترین دلیل ہے(شَہِدَ اللّٰہُ اَنَّہٗ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ)۔ اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کا راستہ علم ہے۔ حقیقی علم انسان کو وجود کے سرچشمہ سے آشنا کرتا ہے (اُولُوا الۡعِلۡمِ)۔ علماء کا ذکر فرشتوں کے ساتھ ہوا ہے (وَ الۡمَلٰٓئِکَۃُ وَ اُولُوا الۡعِلۡمِ)۔ عدل الٰہی، توحید کے ساتھ بیان ہوا ہے۔دوسرے طاقتور افراد کے برخلاف کہ جب وہ یکتائی کا احساس کرتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ کوئی ان کا رقیب نہیں تو وہ زبردستی کرتے ہیں جبکہ اللہ تعالیٰ ایسا یکتا ہے جو عدل کو قائم کرنے والا ہے (لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۔۔۔قَآئِمًۢا بِالۡقِسۡطِ)۔

آیت ۱۹:

اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، عدالت، حکمت اور اس کے اقتدار پر ایمان جس کا تذکرہ پچھلی آیت میں ہوا اس بات کا سبب بنتا ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کے حضور تسلیم ہو (اِنَّ الدِّیۡنَ عِنۡدَ اللّٰہِ الۡاِسۡلَامُ)۔ اللہ تعالیٰ کے حضور تسلیم ہونا یہ ہے کہ اسلام کو آخری الٰہی دین کے عنوان سے قبول کیا جائے (اِنَّ الدِّیۡنَ عِنۡدَ اللّٰہِ الۡاِسۡلَامُ)۔ حق کی حدود سے عبور کرنا اختلاف اور تفرقہ کا سبب ہے (مَا اخۡتَلَفَ الَّذِیۡنَ ۔۔۔بَغۡیًۢا)۔ بعض مذہبی اختلافات کا سرچشمہ حسادت ہے، جہالت یا بے خبری نہیں(مِنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَہُمُ الۡعِلۡمُ)۔ حسادت کفر کے اسباب سے ہے (بَغۡیًۢا۔۔۔ وَ مَنۡ یَّکۡفُرۡ)۔ صرف کتاب اور علم نجات کا سبب نہیں بنتے(اُوۡتُوا الۡکِتٰبَ، جَآءَہُمُ الۡعِلۡمُ، مَنۡ یَّکۡفُرۡ)۔

آیت ۲۰:

یہ کہنا کہ ’’جو بات دل سے نکلتی ہے تو وہ ضرور دل پر اثر کرتی ہے‘‘کلی قانون نہیں کیونکہ پیغمبراکرمﷺ کی گفتار دل سے ہی نکلتی ہوتی تھی لیکن اس کا کافروں کے دلوں پر اثر نہیں ہوتا تھا۔ پیغمبراکرمﷺ دل کی اتہاہ گہرائیوں سے فرماتے تھے (اَسۡلَمۡتُ وَجۡہِیَ) کہ میں پورے وجود کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور میں تسلیم ہوں لیکن ایک جماعت ان سے رخ موڑ لیتی تھی (وَ اِنۡ تَوَلَّوۡا)۔ دین کا بنیادی ترین اصول حق کے آگے تسلیم ہونا ہے جس کا ذکر پچھلی آیت میں ہوا اور اس آیت میں چار دفعہ اس کا ذکر ہوا ہے (الۡاِسۡلَامُ)، (اَسۡلَمۡتُ)، (اَسۡلَمۡتُمۡ) اور (اَسۡلَمُوۡا)۔ جدل اور بحث و مباحثہ کرنا انبیاء کے مخالفین کی عادت تھی(فَاِنۡ حَآجُّوۡکَ)۔ رسالت، پیغام پہنچانا اور دلیل پیش کرنا صحیح ہے لیکن ہٹ دھرم اور ضدی لوگوں سے جنگ و جدل اور لڑائی جھگڑا کرنا ممنوع ہے (فَاِنۡ حَآجُّوۡکَ فَقُلۡ اَسۡلَمۡتُ)۔ پیغمبراکرمﷺ کے حقیقی پیروکار وہ ہیں جو اللہ تعالیٰ کے حضور تسلیم ہوتے ہیں (اَسۡلَمۡتُ وَجۡہِیَ لِلّٰہِ وَ مَنِ اتَّبَعَنِ)۔ رہبر اور قائد کی توجہ معاشرہ کے تمام طبقات پر ہونی چاہیے، خواہ وہ پڑھے لکھے اور مہذّب افراد ہوں یا ان پڑھ اور عام عوام (اُوۡتُوا الۡکِتٰبَ وَ الۡاُمِّیّٖنَ)۔ آسمانی کتابیں انسانی معاشروں کے لیے انتہائی قابل قدر سند ہے، اس آیت میں لوگوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے: ۱۔مہذب، تعلیم یافتہ اور اہل علم افراد، ۲۔ان پڑھ عوام (اُوۡتُوا الۡکِتٰبَ وَ الۡاُمِّیّٖنَ)۔ حقیقی ہدایت اللہ تعالیٰ کے سامنے تسلیم ہونے کے سایہ میں ہے (فَاِنۡ اَسۡلَمُوۡا فَقَدِ اہۡتَدَوۡا)۔ انسان راستہ کے انتخاب میں آزاد ہے، مجبور نہیں (فَاِنۡ اَسۡلَمُوۡا۔۔۔وَ اِنۡ تَوَلَّوۡا)۔ صرف کتاب و علم نجات کا سبب نہیں،ممکن ہے ایک آدمی صاحب علم تو ہو لیکن حق کے سامنے تسلیم نہ ہو(اُوۡتُوا الۡکِتٰبَ۔۔۔وَ اِنۡ تَوَلَّوۡا)۔ ہمارا فرض اپنی ذمہ داری کو ادا کرنا ہے، ہم نتیجہ کے ذمہ دار نہیں (فَاِنَّمَا عَلَیۡکَ الۡبَلٰغُ)۔

آیت ۲۱:

تفاسیر میں آیا ہے کہ بنی اسرائیل نے ایک دن میں ۴۳ اللہ کے پیغمبروں کو قتل کیا اور ایک سو گیارہ نیکی کا حکم دینے والوں کو شہید کیا۔ معلوم ہے کہ پیغمبراسلام ﷺ کے زمانہ میں وہ لوگ موجود نہ تھے جنہوں نے براہ راست انبیاء یا نیکی کا حکم دینے والوں کو قتل کیا تھا۔ لیکن اس دور میں موجود لوگ اپنے بڑوں اور گزرے ہوئے رشتہ داروں کے اعمال پر راضی تھے، اس لیے اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں فرمایا کہ یہ لوگ ان کے جرم میں شریک ہیں کیونکہ دل سے ان کے جرائم پر راضی تھے۔ (بَشِّرۡہُمۡ) کہہ کر ان کے اس رویہ پر تنقید کی ہے اور انہیں برے انجام سے خبردار کیا ہے۔ سوال: امربالمعروف اور نہی از منکر کی شرائط سے ایک شرط یہ ہے کہ اس اقدام میں نیکی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے والے کے لیے خطرہ نہ ہو۔ لیکن اس آیت میں ان کی تعریف کی گئی ہے جو آخری سانس تک اس فریضہ کو انجام دینے کے لیے ڈٹے رہے، اس کی وجہ کیا ہے؟ جواب: پہلی بات تو یہ ہے کہ بعض دفعہ منکر یزید جیسے کافر و فاسق و فاجر کی حکومت ہے تو امام حسین علیہ السلام اس کے خلاف اقدام کرتے ہیں اور کربلا جاتے ہیں اور اس راہ میں اپنی جان دے دیتے ہیں، اپنی اولاد اور اپنے اصحاب کی قربانی پیش کرتے ہیں۔ آپ فرماتے ہیں: میرے قیام اور میری اس تحریک کا مقصد امربالمعروف اور نہی از منکر کے فریضہ کی ادائیگی ہے۔ بعض دفعہ منکر اس حد تک نہیں، لہذا اس راہ میں مال، آبرو، جان اور اولاد کا ہاتھ سے دینا اور اس گناہ کی حیثیت کے درمیان موازنہ کرنا ہوگا۔ جس کی اہمیت زیادہ ہو اسے اپنانا ہوگا۔ دوسری بات یہ ہے کہ ہوسکتا ہے اس جگہ جن شہدا کی تعریف کی گئی ہے وہ نہیں سمجھتے تھے کہ شہید کئے جائیں گے لیکن ظالموں نے انہیں شہید کردیا۔ انحرافی اور کفر آمیز عقائد، انبیاء کے قتل جیسے خطرناک اعمال کا سبب بنتے ہیں(یَکۡفُرُوۡنَ بِاٰیٰتِ اللّٰہِ وَ یَقۡتُلُوۡنَ النَّبِیّٖنَ۔۔۔)۔ بعض حالات میں حق کا اظہار ضروری ہے اگرچہ اس کے نتیجہ میں انبیاء اور اولیاء کو شہید ہونا ہی کیوں نہ پڑے (یَقۡتُلُوۡنَ النَّبِیّٖنَ)۔ بعض دفعہ ظالم اور سرکش حکمران اپنی غلط پالیسیوں اور جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعہ اپنے ناجائز کاموں کے لیے جواز پیش کرتے ہیں اور اپنے ناجائز کام کو حق بنا کر پیش کرتے ہیں (بِغَیۡرِ حَقٍّ)۔ وہ لوگ جو عدل و انصاف کی دعوت دیتے ہیں، امربالمعروف اور نہی از منکر کرتے ہیں وہ انبیاء کی صف میں ہیں اور ان کے قاتلوں کی سزا بھی پیغمبروں کے قاتلوں کی مانند ہے (فَبَشِّرۡہُمۡ بِعَذَابٍ اَلِیۡمٍ)۔

آیت ۲۲:

بعض دفعہ ایک انحراف انسان کے سارے اعمال کو برباد کردیتا ہے (حَبِطَتۡ اَعۡمَالُہُمۡ)۔ کچھ گناہ ایسے ہیں جن کے بارے شفاعت نہ ہوگی (مَا لَہُمۡ مِّنۡ نٰاصِرِیۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 23 تا 29
أَلَمۡ تَرَ إِلَى ٱلَّذِينَ أُوتُواْ نَصِيبٗا مِّنَ ٱلۡكِتَٰبِ يُدۡعَوۡنَ إِلَىٰ كِتَٰبِ ٱللَّهِ لِيَحۡكُمَ بَيۡنَهُمۡ ثُمَّ يَتَوَلَّىٰ فَرِيقٞ مِّنۡهُمۡ وَهُم مُّعۡرِضُونَ ٢٣ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمۡ قَالُواْ لَن تَمَسَّنَا ٱلنَّارُ إِلَّآ أَيَّامٗا مَّعۡدُودَٰتٖۖ وَغَرَّهُمۡ فِي دِينِهِم مَّا كَانُواْ يَفۡتَرُونَ ٢٤ فَكَيۡفَ إِذَا جَمَعۡنَٰهُمۡ لِيَوۡمٖ لَّا رَيۡبَ فِيهِ وَوُفِّيَتۡ كُلُّ نَفۡسٖ مَّا كَسَبَتۡ وَهُمۡ لَا يُظۡلَمُونَ ٢٥ قُلِ ٱللَّهُمَّ مَٰلِكَ ٱلۡمُلۡكِ تُؤۡتِي ٱلۡمُلۡكَ مَن تَشَآءُ وَتَنزِعُ ٱلۡمُلۡكَ مِمَّن تَشَآءُ وَتُعِزُّ مَن تَشَآءُ وَتُذِلُّ مَن تَشَآءُۖ بِيَدِكَ ٱلۡخَيۡرُۖ إِنَّكَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ ٢٦ تُولِجُ ٱلَّيۡلَ فِي ٱلنَّهَارِ وَتُولِجُ ٱلنَّهَارَ فِي ٱلَّيۡلِۖ وَتُخۡرِجُ ٱلۡحَيَّ مِنَ ٱلۡمَيِّتِ وَتُخۡرِجُ ٱلۡمَيِّتَ مِنَ ٱلۡحَيِّۖ وَتَرۡزُقُ مَن تَشَآءُ بِغَيۡرِ حِسَابٖ ٢٧ لَّا يَتَّخِذِ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ ٱلۡكَٰفِرِينَ أَوۡلِيَآءَ مِن دُونِ ٱلۡمُؤۡمِنِينَۖ وَمَن يَفۡعَلۡ ذَٰلِكَ فَلَيۡسَ مِنَ ٱللَّهِ فِي شَيۡءٍ إِلَّآ أَن تَتَّقُواْ مِنۡهُمۡ تُقَىٰةٗۗ وَيُحَذِّرُكُمُ ٱللَّهُ نَفۡسَهُۥۗ وَإِلَى ٱللَّهِ ٱلۡمَصِيرُ ٢٨ قُلۡ إِن تُخۡفُواْ مَا فِي صُدُورِكُمۡ أَوۡ تُبۡدُوهُ يَعۡلَمۡهُ ٱللَّهُۗ وَيَعۡلَمُ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَمَا فِي ٱلۡأَرۡضِۗ وَٱللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ ٢٩
ترجمہ
کیا تم نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جنہیں کتاب(تورات) کا ایک حصہ دیا گیا تھا جب انہیں الٰہی کتاب کی طرف دعوت دی جاتی ہے تاکہ اپنے درمیان فیصلہ کریں تو ان میں سے ایک گروہ روگردانی کرتا ہے جبکہ وہ ایسا ہے جو حق کو قبول نہیں کرتا۔(۲۳) ان کی یہ روگردانی اس وجہ سے تھی کہ اہل کتاب کہتے تھے کہ (جہنم) کی آگ ہمارے لیے سوائے چند روز کے نہ ہوگی، ان کی ان تہمتوں نے انہیں دین کے بارے دھوکہ میں ڈال دیا ہے۔(۲۴) تو پھر ان کا حال اس دن میں کیسا ہوگا کہ جس کے متعلق کوئی شک نہیں اور جس میں ہم انہیں اکٹھا کریں گے اور ہر شخص نے جو کیا ہے اس کا بدلہ پورے طور پر اسے دیا جائے گا، ان پر ظلم نہ کیا جائے گا۔(۲۵) (اے رسول!)کہہ دو: اے اللہ! تو ہی سلطنت کا مالک ہے، تو جسے چاہےحکومت دیتا ہے اور جس سے تو چاہے حکومت کو واپس لے لیتا ہے اور تو جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ذلیل و خوار کر تا ہے، تمام خیرات و برکات تیرے ہی ہاتھ میں ہیں،بے شک تو ہر شئے پر قادر ہے۔(۲۶) تو رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے، زندہ کو مارتا ہے اور مردہ کو زندہ کرتا ہے اور جسے تو چاہتا ہے اسے بے حساب روزی دیتا ہے۔(۲۷) مومنوں کے لیے یہ صحیح نہیں کہ وہ مومنوں کو چھوڑ کر کافروں کو دوست (سرپرست) بنائیں، جو بھی اس طرح کرے تو اللہ کے ہاں اس کی کچھ حیثیت نہیں مگر یہ کہ تم کافروں سے بچ کر رہو اور اللہ تمہیں اپنی نافرمانی سے چوکنا کرتا ہے، تمہاری واپسی اللہ کی جانب ہے۔(۲۸) (اے رسول!) ان سے کہو: جو کچھ تم اپنے سینوں میں چھپاتے ہو یا تم آشکار کرتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے نیز جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے اللہ اسے جانتا ہے اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔(۲۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۳:

تفاسیر میں آیا ہے کہ ایک شادی شدہ یہودی مرد اور عورت نے زنا کیا۔ تورات کے قانون کے تحت انہیں سنگسار ہونا چاہیے تھا ۔ لیکن چونکہ وہ اشراف سے تھے اس لیے انہیں تورات کے قانون کے نفاذ سے بچانے کےلیے وہ پیغمبراسلامﷺکے پاس آئے تاکہ آپ ان کے بارے فیصلہ دیں۔ آنحضرتﷺنے بھی انہیں سنگسار کرنے کا حکم دیا اور فرمایا: اسلام کا حکم وہی ہے جو تورات کا حکم ہے تو انہوں نے تورات کا حکم ماننے سے انکار کردیا۔ ابن صوریا جو یہودیوں کے علما سے تھا اسے فدک سے مدینہ بلایا گیا تاکہ وہ تورات کو پڑھے۔ اس نے تورات کی آیات کو پڑھتے وقت ان جملوں پر ہاتھ رکھ دیا کہ سنگسار کا حکم نہ پڑھا جائے۔یہودی عالم عبداللہ بن سلام اس اجلاس میں موجود تھا اس نے بات کو سمجھ لیا تو اس نے موضوع کو کھول دیا۔ یہ آیت مسلمانوں کو خبردار کررہی ہے کہ تم یہودیوں کی طرح نہ ہوجانا کہ جب قرآن کے قانون کو نافذ کرنے کا وقت آئے تو تم ایسے نہ بنو کہ کچھ لوگوں پر قانون لاگو کرو اور کچھ پر قانون جاری نہ کرو۔ قانون، قضاوت اور فیصلہ کرنے کی کتاب آسمانی ہونی چاہیے (یُدۡعَوۡنَ اِلٰی کِتٰبِ اللّٰہِ لِیَحۡکُمَ)۔ اسلام دوسروں کے احترام کی بات کرتا ہے، وہ مختلف ادیان کے علما کو دعوت دیتا ہے کہ وہ اپنی کتاب کے فیصلہ کو قبول کریں(یُدۡعَوۡنَ اِلٰی کِتٰبِ اللّٰہِ لِیَحۡکُمَ)۔

آیت ۲۴:

یہودی کہتے تھے کہ ہم برتر اور اللہ تعالیٰ کی محبوب قوم ہیں۔ ہمیں قیامت کے دن چالیس دن سے زیادہ عذاب نہ ہوگا کہ جن ایام میں ہمارے اجداد نے گوسالہ پرستی کی تھی۔ ان کے یہ خیالات غرور و انحراف کا سبب تھے۔ موجودہ اسرائیل بھی قومی برتری کا قائل ہے اور وہ اس برتری کو حاصل کرنے کے لیے کسی بھی ظلم و ستم کے ارتکاب سے گریز نہیں کرتا۔ قہر و غضب الٰہی سے محفوظ ہونے کا احساس گمراہی کا سبب ہے(لَنۡ تَمَسَّنَا النَّارُ)۔ الٰہی عدالت میں سارے لوگ برابر ہیں (لَنۡ تَمَسَّنَا النَّارُ ۔۔۔غَرَّہُمۡ فِیۡ دِیۡنِہِمۡ)۔

آیت ۲۵:

ثواب و سزا عمل کی بنیاد پر ہے، خیالات اور آرزوؤں کے تابع نہیں (لَنۡ تَمَسَّنَا النَّارُ ۔۔۔ وُفِّیَتۡ کُلُّ نَفۡسٍ مَّا کَسَبَتۡ)۔ کوئی بھی عمل محو نہیں ہوتا بلکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں محفوظ ہے اور عمل کرنے والے کی طرف پلٹایا جائے گا (وُفِّیَتۡ۔۔۔مَا کَسَبَتۡ)۔

آیت ۲۶:

فتح مکہ کے بعد پیغمبراسلامﷺنے ایران کی فتح کا وعدہ اور روم کی فتح کی خبر مسلمانوں کو دی۔ اس موقع پر منافقین تعجب سے ایک دوسرے کو دیکھ رہے تھے تو یہ آیت نازل ہوئی۔ مفسرین کی ایک جماعت نے کہا ہے کہ یہ آیت خندق کھودنے کے موقع پر نازل ہوئی۔ جس وقت پیغمبراسلامﷺنے بیلچہ کو ایک پتھر پر مارا تو اس سے چنگاری نکلی تو آپ نے فرمایا: میں اس کی روشنی میں مدائن اور یمن کی فتح کو دیکھ رہا ہوں، جبرائیل نے مجھے یہ خبر دی ہے۔ منافقین یہ سن کر زیر لب تمسخر کرتے ہوئے مسکرا دئے تو اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔ احادیث میں آیا ہے کہ جو کوئی اللہ تعالیٰ کے لیے انکساری کرے تو اللہ تعالٰی اسے عزت دار بنا دیتا ہے اور جو تکبر کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے ذلیل و خوار کرتا ہے لیکن اس کی راہ ہموار کرنا اور اس کی آمادگی انسان کے اپنے ہاتھ میں ہے۔ جب اللہ تعالیٰ ہی اصلی مالک ہے اور دوسرے سب امانت دار ہیں تو ضروری ہے کہ وہ اصلی مالک کی رضایت کے مطابق عمل کریں (مٰالِکَ الۡمُلۡکِ)۔ اگر انسان مالک نہیں تو پھر ہم اس عارضی ملکیت پر مغرور کیوں ہوں اور ہمارے پاس جو کچھ ہے اسے دوسروں کو دینے سے انکاری کیوں ہوں؟(مٰالِکَ الۡمُلۡکِ)۔ اللہ تعالیٰ جسے لائق دیکھتا ہے اسے حکومت دیتا ہے، جس طرح اللہ تعالیٰ نے حضرت سلیمان، حضرت یوسف علیہماالسلام، طالوت اور ذوالقرنین کو اقتدار دیا ۔ عزت اور ذلت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے اس لیے دوسروں سے عزت کی توقع نہ رکھی جائے (تُعِزُّ مَنۡ تَشَآءُ وَ تُذِلُّ مَنۡ تَشَآءُ)۔ دعا اور عبادت میں توحید ضروری ہے (بِیَدِکَ الۡخَیۡرُ)، مناجات شعبانیہ میں ہے (بِیَدِكَ لَا بِیَدِ غَیْرِكَ) کمی یا زیادتی، فائدہ یا نقصان سب اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور کے ہاتھ میں نہیں۔

آیت ۲۷:

اس آیت اور پچھلی آیت میں اللہ تعالیٰ کی قدرت کی بارہ نشانیاں بیان ہوئی ہیں تاکہ انسان کے اندر توحید کی روح کو زندہ کیا جاسکے۔ رات کو دن میں داخل کرنا اور دن کو رات میں داخل کرنا یا تو سال کے مختلف موسموں میں دنوں اور راتوں کا لمبا یا چھوٹا ہونے کے معنی میں ہے یا اس سے غروب اور طلوع تدریجی مراد ہے۔ البتہ پہلا معنی زیادہ مناسب اور واضح و روشن ہے۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت کے نمونوں سے ایک نمونہ زندہ کو مردہ سے نکالنا اور مردہ کو زندہ سے نکالنا ہے۔ بے جان غذا سے زندہ سیل بناتا ہے۔ بعض دفعہ کافروں کے مردہ دلوں سے مومن اولاد اور زندہ دل مومنوں سے مردہ دل کافر پیدا ہوتے ہیں کہ یہ بھی اس آیت کے مصادیق سے ایک مصداق ہے۔ بے حساب روزی سے بے شمار اور زیادہ رزق مراد ہے، یہ مراد نہیں کہ اس کا حساب اللہ تعالیٰ کی قدرت سے باہر ہے۔ ممکن ہے یہ مراد ہو کہ اللہ تعالیٰ کا دیا ہو رزق تمہارے حساب کتاب سے باہر ہے، اللہ تعالیٰ اس راستے سے رزق عطا فرماتا ہے جس کا لوگ تصور بھی نہیں کرتے۔ رزق کی مقدار میں لوگوں کے درمیان فرق الٰہی حکمت ہے تاکہ لوگ ایک دوسرے کے محتاج ہوں اور اجتماعی زندگی تشکیل دیں۔ سخاوت، ایثار، صبر، قناعت جیسی صفات شکوفا ہوں۔

آیت ۲۸:

پچھلی آیات میں بیان شدنہ اللہ تعالیٰ کی بے انتہا قدرت کو مد نظر رکھتے ہوئے کافروں کی ولایت کو قبول کرنے کے لیے کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی(بِیَدِکَ الۡخَیۡرُ، تُوۡلِجُ الَّیۡلَ،لَا یَتَّخِذِ)۔ اس آیت میں خارجہ سیاست کی تصویر کشی کی گئی ہے کہ کافروں سے کیسا رویہ رکھا جائے، تقیہ کی شرائط میں کیسا رویہ ہو اور تقیہ سے غلط فائدہ اٹھانے سے چوکنا کیا گیا ہے۔ خود کو مخالفین کی اذیت سے بچانے کے لیے ان کا مقابلہ کرنے کی بجائے حق عقیدہ کو چھپانے کا نام تقیہ ہے۔ بعض مقامات پر تقیہ واجب ہوتا ہے اور بعض مقامات پر تقیہ حرام ہوتا ہے۔ قرآن مجید میں سورہ نحل، آیت ۱۰۶ میں تقیہ کے بارے بات ہوئی ہے، یہ آیت عمار یاسر کے بارے نازل ہوئی۔ مومنوں کے لیے کافروں کی ولایت اور سرپرستی قبول کرنا ممنوع ہے (لَا یَتَّخِذِ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ الۡکٰفِرِیۡنَ اَوۡلِیَآءَ)۔ اسلامی معاشرہ میں ولایت اور سرپرستی کی اصلی شرط ایمان ہے (لَا یَتَّخِذِ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ الۡکٰفِرِیۡنَ اَوۡلِیَآءَ)۔ سیاسی روابط اور تعلقات سبب نہ بنیں کہ ہم کافروں کے ساتھ دلی لگاؤ رکھیں (لَا یَتَّخِذِ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ الۡکٰفِرِیۡنَ اَوۡلِیَآءَ)۔ جو بھی کافروں کی جانب میلان رکھے گاتو اللہ تعالیٰ اسے اس کے حال پر چھوڑ دے گا (وَ مَنۡ یَّفۡعَلۡ ذٰلِکَ فَلَیۡسَ مِنَ اللّٰہِ فِیۡ شَیۡءٍ)۔ اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے کافروں سے ظاہری تعلق رکھنا جائز ہے (اِلَّاۤ اَنۡ تَتَّقُوۡا مِنۡہُمۡ تُقٰىۃً)۔ تقیہ دین کی حفاظت کے لیے ہے، تقیہ کو بہانہ بنا کر کافروں کی طرف رغبت پیدا نہ کریں، تقیہ کے عنوان سے غلط فائدہ نہ اٹھایا جائے(یُحَذِّرُکُمُ اللّٰہُ نَفۡسَہٗ)۔ جہاں پر دین کی بنیادوں کو خطرہ ہو تو ایسے مقام پر سب کچھ دین بچانے کے لیے قربان کرو، فقط اللہ تعالیٰ سے ڈریں(یُحَذِّرُکُمُ اللّٰہُ نَفۡسَہٗ)۔

آیت ۲۹:

اس آیت کا تقیہ کی آیت کے بعد آنا شاید اس لیے ہو کہ خبردار تقیہ کے عنوان سے کافروں سے دلی لگاؤ نہ رکھنا، ان سے خفیہ روابط قائم نہ کرلینا بلکہ تمہیں یہ معلوم رہے کہ اللہ تعالیٰ تمہاری نیتوں اور خفیہ خیالات سے آگاہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا علم پوشیدہ اور آشکار اور زمین و آسمان اور جو کچھ ان میں ہے سب کے بارے یکساں ہے (اِنۡ تُخۡفُوۡا۔۔۔تُبۡدُوۡہُ۔۔۔یَعۡلَمۡہُ اللّٰہُ)۔ اللہ تعالیٰ کے علم بارے توجہ مذہبی وجدان کے بیدار رہنے کا سبب بنتا ہے اور گناہ میں رکاوٹ ہے (یَعۡلَمۡہُ اللّٰہُ)۔ اللہ تعالیٰ کی مطلق قدرت مخالفین کو دھمکانے، ڈرانے اور خبردار کرنے کے لیے (اِنۡ تُخۡفُوۡا۔۔۔وَ اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 30 تا 37
يَوۡمَ تَجِدُ كُلُّ نَفۡسٖ مَّا عَمِلَتۡ مِنۡ خَيۡرٖ مُّحۡضَرٗا وَمَا عَمِلَتۡ مِن سُوٓءٖ تَوَدُّ لَوۡ أَنَّ بَيۡنَهَا وَبَيۡنَهُۥٓ أَمَدَۢا بَعِيدٗاۗ وَيُحَذِّرُكُمُ ٱللَّهُ نَفۡسَهُۥۗ وَٱللَّهُ رَءُوفُۢ بِٱلۡعِبَادِ ٣٠ قُلۡ إِن كُنتُمۡ تُحِبُّونَ ٱللَّهَ فَٱتَّبِعُونِي يُحۡبِبۡكُمُ ٱللَّهُ وَيَغۡفِرۡ لَكُمۡ ذُنُوبَكُمۡۚ وَٱللَّهُ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ٣١ قُلۡ أَطِيعُواْ ٱللَّهَ وَٱلرَّسُولَۖ فَإِن تَوَلَّوۡاْ فَإِنَّ ٱللَّهَ لَا يُحِبُّ ٱلۡكَٰفِرِينَ ٣٢ ۞ إِنَّ ٱللَّهَ ٱصۡطَفَىٰٓ ءَادَمَ وَنُوحٗا وَءَالَ إِبۡرَٰهِيمَ وَءَالَ عِمۡرَٰنَ عَلَى ٱلۡعَٰلَمِينَ ٣٣ ذُرِّيَّةَۢ بَعۡضُهَا مِنۢ بَعۡضٖۗ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ ٣٤ إِذۡ قَالَتِ ٱمۡرَأَتُ عِمۡرَٰنَ رَبِّ إِنِّي نَذَرۡتُ لَكَ مَا فِي بَطۡنِي مُحَرَّرٗا فَتَقَبَّلۡ مِنِّيٓۖ إِنَّكَ أَنتَ ٱلسَّمِيعُ ٱلۡعَلِيمُ ٣٥ فَلَمَّا وَضَعَتۡهَا قَالَتۡ رَبِّ إِنِّي وَضَعۡتُهَآ أُنثَىٰ وَٱللَّهُ أَعۡلَمُ بِمَا وَضَعَتۡ وَلَيۡسَ ٱلذَّكَرُ كَٱلۡأُنثَىٰۖ وَإِنِّي سَمَّيۡتُهَا مَرۡيَمَ وَإِنِّيٓ أُعِيذُهَا بِكَ وَذُرِّيَّتَهَا مِنَ ٱلشَّيۡطَٰنِ ٱلرَّجِيمِ ٣٦ فَتَقَبَّلَهَا رَبُّهَا بِقَبُولٍ حَسَنٖ وَأَنۢبَتَهَا نَبَاتًا حَسَنٗا وَكَفَّلَهَا زَكَرِيَّاۖ كُلَّمَا دَخَلَ عَلَيۡهَا زَكَرِيَّا ٱلۡمِحۡرَابَ وَجَدَ عِندَهَا رِزۡقٗاۖ قَالَ يَٰمَرۡيَمُ أَنَّىٰ لَكِ هَٰذَاۖ قَالَتۡ هُوَ مِنۡ عِندِ ٱللَّهِۖ إِنَّ ٱللَّهَ يَرۡزُقُ مَن يَشَآءُ بِغَيۡرِ حِسَابٍ ٣٧
ترجمہ
وہ دن جس میں ہر شخص اپنے کئے ہوئے نیک کام کو موجود پائے گا،اس دن وہ یہ آرزو کرے گا کہ کاش اس کے درمیان اور جو اس نے برائی کی ہے اس کے درمیان لمبا فاصلہ ہوتا، اللہ تمہیں اپنے (امر کی مخالفت کرنے ) بارےخبردار کرتا ہے، (اس کے ساتھ) اللہ اپنے بندوں پر مہربان ہے۔(۳۰) (اے پیغمبر!) ان سے کہہ دو کہ اگر تم اللہ کو دوست رکھتے ہو تو تم میری پیروی کرو تاکہ اللہ بھی تمہیں دوست رکھے اور تمہارے گناہوں کو معاف کردے، اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(۳۱) ان سے کہو کہ اللہ اور اللہ کے رسول کی اطاعت کرو پھر اگر انہوں نے سرپیچی کی تو جان لو کہ اللہ کافروں کو دوست نہیں رکھتا۔(۳۲) سچ یہ ہے کہ اللہ نے آدم، نوح اور ابراہیم کے خاندان اور عمران کے خاندان کو تمام جہانوں پر برگزیدہ فرمایا۔(۳۳) بعض دوسرے بعض کی اولاد ہیں، اللہ سننے اور جاننے والا ہے۔(۳۴) جس وقت عمران کی بیوی نے کہا: اے میرے رب! میں نے یہ نذر کی ہے کہ جو میرے رحم میں ہے اسے میں تیری راہ میں دے دوں گی پس تو یہ نذر مجھ سے قبول کرلے کہ سچ یہ ہے کہ تو سننے والا جاننے والا ہے۔(۳۵) جب بچہ پیدا ہوا تو اس نے کہا: اے میرے رب! میں نے تو بیٹی جنی ہے جبکہ اللہ اس بارے زیادہ آگاہ تھا جس کو اس نے جنا تھا، بیٹا تو بیٹی کی مانند نہیں، میں نے اس کا نام مریم رکھا، میں اسے اور اس کی اولاد کو تیری درگاہ سے دھتکارے ہوئے شیطان کے شر سے تیری پناہ میں دیتی ہوں۔(۳۶) اللہ نے اسے بہترین طریقہ کے ساتھ قبول کرلیا اور شائستہ طریقہ پر اس کی تربیت کی اور اس کی سرپرستی زکریا کے سپرد کردی، جب بھی زکریا محراب عبادت میں مریم کے پاس آتے تھے تو اس کے پاس (خاص قسم کی) روزی کو موجود پاتے تھے، ایک دن زکریا نے مریم سے سوال کیا کہ یہ روزی تمہیں کہاں سے نصیب ہوئی ہے؟ مریم نے جواب دیا: اللہ جس کے لیے چاہتا ہے اسے بے حساب روزی دیتا ہے۔(۳۷)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۳۰:

یہ آیت سورہ کہف کی آیت ۴۹ کی مانند ہے کہ قیامت کے دن سب اپنے اعمال کو اپنے سامنے موجود پائیں گے۔ قیامت کے دن اعمال کے موجود پانے کا عقیدہ گناہ کے ارتکاب میں رکاوٹ بنتا ہے (مُحۡضَرًا)۔ گنہگار قیامت کے دن اپنے برے اعمال کی وجہ سے شرمندہ ہوں گے لیکن اس وقت شرمندگی کا کیا فائدہ؟ (تَوَدُّ لَوۡ اَنَّ بَیۡنَہَا۔۔۔)۔ دنیا میں بہت سارے اعمال ایسے ہیں جو انسان کی پسند کے ہوتے ہیں جبکہ قیامت کے دن وہ ان اعمال سے نفرت کرے گا(تَوَدُّ لَوۡ اَنَّ بَیۡنَہَا وَ بَیۡنَہٗۤ اَمَدًۢا بَعِیۡدًا)۔ تقویٰ اور پرہیز گاری گناہ کے لیے رکاوٹ ہے (یُحَذِّرُکُمُ اللّٰہُ)۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ڈرانا، دھمکانا اور خبردار کرنا اللہ تعالیٰ کی رافت اور مہربانی کی نشانی ہے (یُحَذِّرُکُمُ اللّٰہُ نَفۡسَہٗ ؕ وَ اللّٰہُ رَءُوۡفٌۢ بِالۡعِبَادِ)۔ خوف اور امید کا ساتھ ساتھ ہونا تربیتی لحاظ سے اثر رکھتا ہے، اگر فقط امید ہو تو یہ غرور کا سبب بنتا ہے اور اگر فقط ڈر اور خوف ہو تو یہ مایوسی اور ناامیدی کا سبب ہے(یُحَذِّرُکُمُ اللّٰہُ نَفۡسَہٗ ؕ وَ اللّٰہُ رَءُوۡفٌۢ بِالۡعِبَادِ)۔

آیت ۳۱:

ایک آدمی نے امام جعفر صادق علیہ السلام سے عرض کیا: ہم اپنی اولاد کے نام آپ اور آپ کے آباء و اجداد کے ناموں پر رکھتے ہیں تو کیا یہ ہمارے لیے فائدہ مند ہے؟ حضرت نے جواب دیا: کیا دین سوائے محبت کے کچھ اور ہے؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (اِنۡ کُنۡتُمۡ تُحِبُّوۡنَ اللّٰہَ فَاتَّبِعُوۡنِیۡ)۔ ہر دعویٰ عمل سے ثابت ہوتا ہے (اِنۡ کُنۡتُمۡ تُحِبُّوۡنَ اللّٰہَ فَاتَّبِعُوۡنِیۡ)۔ کار با سعی است نہ با ادعاء لیس للانسان الا ما سعی (کام دعووں سے نہیں کوشش سے ہوتا ہے۔ انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کی وہ کوشش کرتا ہے) اللہ تعالیٰ پر ایمان کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے اولیا کی پیروی کی جائے (فَاتَّبِعُوۡنِیۡ)۔ پیغمبر معصوم ہے، کیونکہ بغیر قید و شرط کے غیر معصوم کی اطاعت کا حکم دینا حکیمانہ نہیں (قُلۡ۔۔۔ فَاتَّبِعُوۡنِیۡ)۔ اگر چاہتے ہو اللہ تعالیٰ تمہیں دوست رکھے تو رسول اللہﷺ کی پیروی کرو (فَاتَّبِعُوۡنِیۡ یُحۡبِبۡکُمُ اللّٰہُ)۔ بعض انسان اس مقام پر پہنچ جاتے ہیں کہ ان کی رضا اللہ تعالیٰ کی رضا اور اس کی پیروی اللہ تعالیٰ کے دستورات کی پیروی ہوجاتی ہے (فَاتَّبِعُوۡنِیۡ یُحۡبِبۡکُمُ اللّٰہُ)۔ انسانی قوانین پر اللہ تعالیٰ کے دین اور قوانین کا امتیاز یہ ہے کہ ان میں قانون ساز سے محبت کا عنصر موجود ہوتا ہے (تُحِبُّوۡنَ۔۔۔ فَاتَّبِعُوۡنِیۡ یُحۡبِبۡکُمُ اللّٰہُ)۔ بہترین اجر و ثواب معنوی اجر و ثواب ہے، اللہ تعالیٰ کے ہاں محبوب ہونا اور اس سے مغفرت ملنا مومنوں کے لیے بہترین اجر و بدلہ ہے (یُحۡبِبۡکُمُ اللّٰہُ)۔ نیک اعمال گناہوں کی بخشش کا وسیلہ ہیں (فَاتَّبِعُوۡنِیۡ ۔۔۔یَغۡفِرۡ لَکُمۡ)۔

آیت ۳۲:

پیغمبراکرمﷺ الٰہی دستورات کے علاوہ وقت، حالات اور افراد کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کچھ دستورات دیتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے ساتھ رسول اللہﷺ کی اطاعت کا حکم ان دستورات کو ملحوظ خاطر رکھ کر دیا گیا ہے، درحقیقت یہ بھی الٰہی دستورات ہیں۔ پیغمبر کا عمل اور ان کی گفتار سب حجت ہے اور اس کی اتباع واجب ہے (اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ الرَّسُوۡلَ)۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں ناپسندیدہ یا محبوب ہونا انسان کے اپنے ہاتھ میں ہے (فَاِنۡ تَوَلَّوۡا فَاِنَّ اللّٰہَ لَا یُحِبُّ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔

آیت ۳۳:

امام محمد باقر علیہ السلام نے اس آیت کے بارے میں فرمایا: ہم برگزیدہ افراد اور اس عترت کے بقیہ ہیں۔ سارے انسان ایک سطح کے نہیں ہوتے، اللہ تعالیٰ حکیم ہے وہ ان میں سے بعض کو چن لیتا ہے تاکہ ان کی گردن پر پیغام رسانی کی بھاری ذمہ داری ڈالے (اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰۤی)۔ پہلا انسان اللہ تعالیٰ کا پیغمبر تھا تاکہ انسان کبھی بھی ہدایت کے بغیر نہ ہو (اصۡطَفٰۤی اٰدَمَ)۔ بعض انبیاء کی رسالت عالمی تھی (عَلَی الۡعٰلَمِیۡنَ)۔

آیت ۳۴:

انبیاء ہمیشہ پاکیزہ نسل سےتھے (اصۡطَفٰۤی ۔۔۔ عَلَی الۡعٰلَمِیۡنَ)۔ کچھ خصوصیات اور امتیازات وراثت کے ذریعہ منتقل ہوتے ہیں (بَعۡضُہَا مِنۡۢ بَعۡضٍ)۔

آیت ۳۵:

تفاسیر میں ہے کہ حنّہ اور اشیاع نامی دو بہنیں تھیں۔ پہلی عمران کی بیوی تھی جو بنی اسرائیل کے بڑوں سے تھے اور دوسری زکریا علیہ السلام کی بیوی تھی۔ دونوں کا حمل نہیں ٹھہرتا تھا۔ ایک دن حنّہ نے ایک پرندہ کو دیکھا جو اپنے چوزوں کو غذا کھلا رہا تھا۔ ماں کی ممتا نے جوش مارا اور اس کے دل میں اولاد کی خواہش شعلہ ور ہوئی۔ اس نے اسی وقت دعا مانگی اور اس کی دعا قبول ہوگئی۔ دوسری جانب اس کے شوہر کو الہام ہوا کہ اس کا بچہ اللہ کے اولیاء سے ہوگا اور بیماروں کو شفا دے گا، مردوں کوزندہ کرےگا۔ حنّہ نے منت مان لی کہ اپنے بچے کو بیت المقدس کا خادم بنادے گی۔ جب بچہ پیدا ہوا تو دیکھا کہ وہ تو بیٹی ہے۔ وہ سمجھ گئے کہ یہ الہام اس مریم کے بارے نہ تھا بلکہ مریم کےبیٹے کے بارے ہوگا۔ عورت کا معنوی کمال اس حد کو پہنچ جاتا ہے کہ کئی سالوں کے انتظار کے بعد پیدا ہونے والے بچے کے بارے منت مان لیتی ہے کہ اسے بیت المقدس کا خادم بنادوں گی (قَالَتِ۔۔۔رَبِّ اِنِّیۡ نَذَرۡتُ لَکَ)۔ مسجد کا خادم ہونا اس قدر اہمیت رکھتا ہے کہ اولیاء اللہ اپنی اولاد کی پیدائش سے پہلے منت مانتے تھے کہ اپنے ہونے والے بچے کو مسجد کا خادم بنائیں گے(نَذَرۡتُ لَکَ۔۔۔)۔ اولاد سے ہاتھ اٹھا لینے اور اللہ تعالیٰ کا انتخاب کرنے میں ربط و تعلق ہے (اصۡطَفٰۤی ۔۔۔ اٰلَ عِمۡرٰنَ ۔۔۔نَذَرۡتُ لَکَ مَا فِیۡ بَطۡنِیۡ مُحَرَّرًا)۔ وہ لوگ دینی خدمات میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جو ہمیشہ کے لیے خود کو دین کی خدمت میں لگا دیتے ہیں، بہ نسبت ان لوگوں کے جو اپنا کچھ وقت دین کو دیتے ہیں(مُحَرَّرًا)۔

آیت ۳۶:

مریم عابدہ اور خادمہ کے معنی میں ہے۔ یہ نام قرآن مجید میں ۳۴ مرتبہ آیا ہے ۔ انسان کی چاہت اہم نہیں بلکہ اس کی مصلحت اور اللہ تعالیٰ کی رضا اہم ہے (وَ اللّٰہُ اَعۡلَمُ بِمَا وَضَعَتۡ)۔ بعض اوقات بیٹی پاکیزگی اور پاکدامنی کی وجہ سے ایسا مقام پالیتی ہے کہ بیٹا اس مقام تک نہیں پہنچ سکتا (لَیۡسَ الذَّکَرُ کَالۡاُنۡثٰی)۔ اپنے بچوں کے لیے خوبصورت ناموں کا انتخاب کرو (اِنِّیۡ سَمَّیۡتُہَا مَرۡیَمَ)۔ اپنے بچوں کے لیے ہر چیز سے پہلے شیطان کے شر سے محفوظ رہنے کی دعا کی جائے (اُعِیۡذُہَا)۔ اپنی دعاؤں میں بعد والی نسلوں کو بھی مدنظر رکھیں (اُعِیۡذُہَا بِکَ وَ ذُرِّیَّتَہَا)۔ بچے کی سعادت کے حصول کے لیے اپنی تربیت پر انحصار نہ کریں بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کے سپرد کریں، کیونکہ انحراف کے اسباب بہت زیادہ ہیں جن سے اللہ تعالیٰ ہی بچا سکتا ہے (اُعِیۡذُہَا بِکَ)۔ شیطان انسانی نسل کا پرانا دشمن ہے (مِنَ الشَّیۡطٰنِ الرَّجِیۡمِ)۔

آیت ۳۷:

جو اللہ تعالیٰ کی راہ میں قدم اٹھاتا ہے تو اس کی دنیا بھی محفوظ ہوجاتی ہے، جناب مریم کی ماں نے اپنے بچے کے لیے منت مانی کہ اسے اللہ تعالیٰ کے گھر کا خادم بنائے گی تو اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں فرمایا: ہم نے اسے کمال دیا، اس کے جسم کی نشو و نما کی، اسے زکریا پیغمبر کی سرپرستی میں قرار دیا اور اس کے لیے آسمانی کھانا اتارا۔ بے حساب روزی کا معنی روزی کا شمار نہ ہونا نہیں بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ وہ رزق انسان کے حساب سے باہر ہے (یَرۡزُقُ مَنۡ یَّشَآءُ بِغَیۡرِ حِسَابٍ)۔ جو اخلاص رکھتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے عمل کو اچھی طرح قبول کرلیتا ہے (بِقَبُوۡلٍ حَسَنٍ)۔ مریم کی ماں نے منت مانی کی وہ اپنے بچے کو بیت المقدس کا خادم بنائے گی۔ اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر کو اس بچے کا خادم بنا دیا (کَفَّلَہَا زَکَرِیَّا)۔ عبادت وقتی اور عارضی نہ ہو بلکہ دائمی ہونی چاہیے (کُلَّمَا دَخَلَ)۔ عبادت شیطان سے جنگ اور محراب عبادت میدان جنگ ہے (دَخَلَ عَلَیۡہَا زَکَرِیَّا الۡمِحۡرَابَ)۔ پاکیزہ رزق عبادت کے سائے میں ملتا ہے (الۡمِحۡرَابَ ۙ وَجَدَ عِنۡدَہَا رِزۡقًا)۔ عورت بھی ایسا مقام و مرتبہ حاصل کرسکتی ہے کہ پیغمبر بھی اس مقام و مرتبہ کو دیکھ کر حیرت میں ڈوب جاتا ہے (اَنّٰی لَکِ ہٰذَا)۔ تمام نعمتوں کو اللہ تعالیٰ سے جانیں، ان کو اپنی محنتوں کا ثمر نہ جانیں (ہُوَ مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ)۔ اللہ تعالیٰ مادی اسباب کے بغیر بھی روزی دے سکتا ہے (ہُوَ مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 38 تا 45
هُنَالِكَ دَعَا زَكَرِيَّا رَبَّهُۥۖ قَالَ رَبِّ هَبۡ لِي مِن لَّدُنكَ ذُرِّيَّةٗ طَيِّبَةًۖ إِنَّكَ سَمِيعُ ٱلدُّعَآءِ ٣٨ فَنَادَتۡهُ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةُ وَهُوَ قَآئِمٞ يُصَلِّي فِي ٱلۡمِحۡرَابِ أَنَّ ٱللَّهَ يُبَشِّرُكَ بِيَحۡيَىٰ مُصَدِّقَۢا بِكَلِمَةٖ مِّنَ ٱللَّهِ وَسَيِّدٗا وَحَصُورٗا وَنَبِيّٗا مِّنَ ٱلصَّٰلِحِينَ ٣٩ قَالَ رَبِّ أَنَّىٰ يَكُونُ لِي غُلَٰمٞ وَقَدۡ بَلَغَنِيَ ٱلۡكِبَرُ وَٱمۡرَأَتِي عَاقِرٞۖ قَالَ كَذَٰلِكَ ٱللَّهُ يَفۡعَلُ مَا يَشَآءُ ٤٠ قَالَ رَبِّ ٱجۡعَل لِّيٓ ءَايَةٗۖ قَالَ ءَايَتُكَ أَلَّا تُكَلِّمَ ٱلنَّاسَ ثَلَٰثَةَ أَيَّامٍ إِلَّا رَمۡزٗاۗ وَٱذۡكُر رَّبَّكَ كَثِيرٗا وَسَبِّحۡ بِٱلۡعَشِيِّ وَٱلۡإِبۡكَٰرِ ٤١ وَإِذۡ قَالَتِ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةُ يَٰمَرۡيَمُ إِنَّ ٱللَّهَ ٱصۡطَفَىٰكِ وَطَهَّرَكِ وَٱصۡطَفَىٰكِ عَلَىٰ نِسَآءِ ٱلۡعَٰلَمِينَ ٤٢ يَٰمَرۡيَمُ ٱقۡنُتِي لِرَبِّكِ وَٱسۡجُدِي وَٱرۡكَعِي مَعَ ٱلرَّٰكِعِينَ ٤٣ ذَٰلِكَ مِنۡ أَنۢبَآءِ ٱلۡغَيۡبِ نُوحِيهِ إِلَيۡكَۚ وَمَا كُنتَ لَدَيۡهِمۡ إِذۡ يُلۡقُونَ أَقۡلَٰمَهُمۡ أَيُّهُمۡ يَكۡفُلُ مَرۡيَمَ وَمَا كُنتَ لَدَيۡهِمۡ إِذۡ يَخۡتَصِمُونَ ٤٤ إِذۡ قَالَتِ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةُ يَٰمَرۡيَمُ إِنَّ ٱللَّهَ يُبَشِّرُكِ بِكَلِمَةٖ مِّنۡهُ ٱسۡمُهُ ٱلۡمَسِيحُ عِيسَى ٱبۡنُ مَرۡيَمَ وَجِيهٗا فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِ وَمِنَ ٱلۡمُقَرَّبِينَ ٤٥
ترجمہ
اس حالت کو دیکھ کر زکریا نے اپنے رب کو پکارا اور یوں کہا: اے میرے رب! اپنی جانب سے مجھے بھی پاکیزہ اولاد عطا فرما دے کہ تو دعاء کو سننےوالاہے۔(۳۸) زکریا نماز کہ حالت میں محراب میں کھڑے تھے کہ فرشتوں نے اسے آواز دی کہ اللہ تجھے یحیی کی بشارت دے رہا ہے جو کلمۃ اللہ( مسیح) کی تصدیق کرنے والا، سید و سردار،خود کو بچا کر رکھنےوالا اور صالحین سے پیغمبر ہوگا۔(۳۹) (یہ سن کر) زکریا نے کہا: میرے لیے بیٹا کیسے ہوگا؟ جبکہ میرا بوڑھاپا آچکا ہے اور میری بیوی بانجھ ہے، اللہ نے فرمایا: اسی طرح ہے، اللہ جو چاہتا ہے انجام دیتا ہے۔(۴۰) زکریا نے کہا: اے میرے رب! میرے لیے اس کے متعلق کوئی نشانی قرار دے، اللہ نے فرمایا: تیرے لیے نشانی یہ ہے کہ تین دن تک تم لوگوں سے بات نہ کرسکو گے مگر اشارہ سے، لہذا تم اپنے رب کا بہت ذکر کرو، صبح و شام اللہ کی تسبیح کرو۔(۴۱) جب فرشتوں نے کہا: اے مریم! اللہ نے تمہیں چن لیا ہےاور تمہیں پاک بنا دیا ہے اور تمہیں دنیا کی عورتوں پربرتری دی ہے۔(۴۲) اے مریم! اپنے پروردگار کے سامنے انکساری کرو اور سجدہ کرو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔(۴۳) (اے پیغمبر!) یہ غیب کی خبریں ہیں جن کی ہم تجھے وحی کرتے ہیں، جس وقت وہ قرعہ کشی کے لیے قلمیں پھینک رہے تھے تم ان میں موجود نہ تھے کہ مریم کی سرپرستی اور کفالت کون کرے گا اور تم ان کے پاس موجود نہ تھے جس وقت وہ مریم کی سرپرستی کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے آپس میں جھگڑ رہے تھے۔(۴۴) اس بات کو یاد کرو جس وقت فرشتوں نے کہا:اے مریم! اللہ تجھے کلمہ اور اپنی طرف سے اپنی نشانی کی بشارت دیتا ہے کہ جس کا نام مسیح عیسیٰ بن مریم ہے جو دنیا اور آخرت میں عزت دار اور مقربین سے ہو گا۔(۴۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۳۸:

انسان کے حالات، اندرونی کیفیات اور مخصوص گھڑیاں دعا کی قبولیت کے لیے مؤثر ہیں (ہُنَالِکَ دَعَا زَکَرِیَّا)۔ رشک کرنا کمال ہے جبکہ حسد کرنا عیب ہے (ہُنَالِکَ دَعَا)۔ دوسروں کے کمالات کا مشاہدہ، کمالات مانگنے کا سبب بنتا ہے اور انسان کے اللہ تعالیٰ کی طرف توجہ کا ذریعہ قرار پاتا ہے (ہُنَالِکَ دَعَا زَکَرِیَّا)۔ اللہ تعالیٰ سے پاکیزہ اولاد کی درخواست کرنا انبیاء کی سیرت ہے (ہَبۡ لِیۡ۔۔۔ذُرِّیَّۃً طَیِّبَۃً)۔ اولاد کی قدر ان کے اچھے کردار اور نیک ہونے میں ہے (ذُرِّیَّۃً طَیِّبَۃً)۔

آیت ۳۹:

حضرت یحیی علیہ السلام، حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے چھ ماہ بڑے تھے۔ وہ لوگوں کے درمیان زہد و پارسائی میں مشہور تھے۔ ان کے اپنے خالہ زاد حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر ایمان لانے کی وجہ سے لوگوں کی حضرت عیسیٰ علیہ السلام پرتوجہ ہوئی۔ امام محمد باقر علیہ السلام کا فرمان ہے : یحیی علیہ السلام کی پاکدامنی سبب بنی کہ وہ شادی نہ کریں اور عورتوں سے دور رہیں۔ خالصانہ دعا قبول ہوتی ہے (دَعَا زَکَرِیَّا ۔۔۔ فَنَادَتۡہُ الۡمَلٰٓئِکَۃُ)۔ گذشتہ ادیان میں بھی نماز موجود تھی (یُصَلِّیۡ فِی الۡمِحۡرَابِ)۔ محراب عبادت کا خاص تقدس ہے، محراب آسمانی کھانے اترنے(وَجَدَ عِنْدَھَا رِزْقاً)’’آل عمران، ۳۷‘‘ اور دعا کی قبولیت کی جگہ ہے (فَنَادَتۡہُ الۡمَلٰٓئِکَۃُ۔۔۔فِی الۡمِحۡرَابِ)۔ نماز فرشتوں کے اترنے کا سبب ہے (فَنَادَتۡہُ الۡمَلٰٓئِکَۃُ وَ ہُوَ قَآئِمٌ یُّصَلِّیۡ فِی الۡمِحۡرَابِ)۔ اللہ تعالیٰ کا ارادہ ہر چیز پر غالب ہے۔ اگر اللہ تعالیٰ چاہے تو باپ کا بڑھاپا اور ماں کا بانجھ پن بیٹے کی پیدائش میں رکاوٹ نہیں بن سکتا(اَنَّ اللّٰہَ یُبَشِّرُکَ بِیَحۡیٰی)۔ بعض افراد کے نام اللہ تعالیٰ نے خود رکھے ہیں (یُبَشِّرُکَ بِیَحۡیٰی)۔ انبیاء ایک دوسرے کی تصدیق کرتے ہیں (مُصَدِّقًۢا بِکَلِمَۃٍ مِّنَ اللّٰہِ)۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانی ہیں، وہ اللہ کے بیٹے نہیں (بِکَلِمَۃٍ مِّنَ اللّٰہِ)۔ جنسی خواہشات کو کنٹرول کرنا اللہ تعالیٰ کے ہاں قابل تعریف عمل ہے (حَصُوۡرًا)۔

آیت ۴۰:

ناامیدی ہی میں امید کی کرن پھوٹتی ہے(اَنّٰی یَکُوۡنُ لِیۡ غُلٰمٌ۔۔۔کَذٰلِکَ اللّٰہُ یَفۡعَلُ مَا یَشَآءُ)۔ اللہ تعالیٰ کا ارادہ مادی اسباب اور وسائل سے مافوق ہے (یَفۡعَلُ مَا یَشَآءُ)۔ کمزوریاں بیان کرنی ہوں توآغاز اپنے آپ سے کریں(بَلَغَنِیَ الۡکِبَرُ وَ امۡرَاَتِیۡ عَاقِرٌ)۔

آیت ۴۱:

جو اللہ لوگوں سے بات کرتے وقت زبان کو بند کردے اور اللہ کا ذکر کرتے وقت زبان کھول دے تو وہ اس بات پر بھی قادر ہے کہ بوڑھے باپ اور بانجھ ماں کو یحیی عطا کرے (کَذٰلِکَ اللّٰہُ یَفۡعَلُ مَا یَشَآءُ۔۔۔اَلَّا تُکَلِّمَ النَّاسَ)۔ انبیاء علیہم السلام ہمیشہ یقین کی منزل پر پہنچنے کے لیے کوشاں رہتے تھے (اجۡعَلۡ لِّیۡۤ اٰیَۃً)۔ جس قدر اللہ تعالیٰ کا لطف بڑھے تو اتنا ہی اللہ تعالیٰ کا ذکر بھی زیادہ ہو (وَ اذۡکُرۡ رَّبَّکَ کَثِیۡرًا)۔ اللہ تعالیٰ کا ذکر جس قدر زیادہ ہوگا اتنا ہی بہتر ہے (وَ اذۡکُرۡ رَّبَّکَ کَثِیۡرًا)۔ اللہ تعالیٰ کے اذکار میں تسبیح کا خاص مقام ہے (وَ اذۡکُرۡ رَّبَّکَ۔۔۔وَ سَبِّحۡ)۔

آیت ۴۳۔۴۲:

مشہور اہل سنت تفاسیر میں ہے کہ چار عورتیں عالمین کی عورتوں کی سردار ہیں: ۱۔مریم، ۲۔ آسیہ، ۳۔خدیجہ، ۴۔فاطمہ علیہاالسلام۔ اہل سنت احادیث میں بھی آیا ہے کہ حضرت فاطمہ علیہا السلام تمام جہانوں کی عورتوں کی سردار ہیں۔ فرشتے انبیاء کے علاوہ بھی دوسروں سے گفتگو کرتے ہیں (قَالَتِ الۡمَلٰٓئِکَۃُ یٰمَرۡیَمُ)۔ عورت بھی مقام قرب الٰہی کو پاسکتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے لیے اپنا خصوصی پیغام بھیجے (اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰکِ)۔ حضرت مریم علیہا السلام معصومہ تھیں (طَہَّرَکِ)۔ حضرت مریم علیہا السلام عورتوں کے لیے نمونہ ہیں (وَ اصۡطَفٰکِ عَلٰی نِسَآءِ الۡعٰلَمِیۡنَ)۔ پچھلی آیت میں اللہ تعالیٰ نے مریم کے تین کمالات بیان کئے ہیں: ۱۔اللہ تعالیٰ کی جانب سے منتخب ہونا (اصۡطَفٰکِ)، ۲۔تطہیر اور پاکیزگی(طَہَّرَکِ)، ۳۔ دوسروں کے لیے نمونہ عمل ہونا (وَ اصۡطَفٰکِ عَلٰی نِسَآءِ الۡعٰلَمِیۡنَ)۔ اس آیت میں حضرت مریم سے تین کام چاہے ہیں:۱۔خضوع اور فروتنی (اقۡنُتِیۡ)، ۲۔سجدہ (اسۡجُدِیۡ)، ۳۔ رکوع (ارۡکَعِیۡ)۔ اس آیت سے معلوم ہوا کہ ہر نعمت کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے۔ برجستہ اور نمایاں افراد کی عبادت اور فروتنی دوسروں سے زیادہ ہونی چاہیے(یٰامَرۡیَمُ اقۡنُتِیۡ) جس طرح پیغمبراسلامﷺ پر نماز شب واجب تھی۔ نماز، رکوع اور سجود اللہ تعالیٰ کا شکر بجالانے کے لیے بہترین عمل ہے، پچھلی آیت میں بیان ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مریم کا انتخاب کیا تو اس آیت میں اس نعمت کا شکر بجا لانے کا حکم دیا گیا (اصۡطَفٰکِ ۔۔۔ اقۡنُتِیۡ)۔ عبادت خالصانہ اور اللہ تعالیٰ کے لیے ہو (اقۡنُتِیۡ لِرَبِّکِ)۔ عبادت انسان کی تربیت کا وسیلہ ہے (اقۡنُتِیۡ لِرَبِّکِ)۔ نماز باجماعت اسلام سے پہلے بھی موجود تھی (مَعَ الرّٰکِعِیۡنَ)۔ عورت کے لیے عبادتی اجتماعات میں حاضر ہونے کی سفارش کی گئی ہے (مَعَ الرّٰکِعِیۡنَ)شرط یہ ہے کہ عورتیں مریم علیہاالسلام جیسی ہوں۔ اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ افراد کو لوگوں کے درمیان موجود رہنا چاہیے، انہیں چاہیے کہ وہ لوگوں سے دور نہ ہوں (ارۡکَعِیۡ مَعَ الرّٰکِعِیۡنَ)۔

آیت ۴۴:

حضرت مریم علیہاالسلام کی ولادت کے بعد ان کی والدہ انہیں ایک کپڑے میں لپیٹ کر مسجد میں لے آئیں اور بنی اسرائیل کے بڑوں سے کہا کہ یہ بچہ مسجد کی نذر ہے۔ چونکہ یہ بچی بڑے خاندان اور محترم گھرانے سے تھیں اس لیے اس نومولود کی سرپرستی اور کفالت کے لیے قرعہ کشی کرنے لگے۔ انبیاء اللہ تعالیٰ کی طرف سے غیب کی بعض خبروں سے آگاہ ہوتے ہیں (مِنۡ اَنۡۢبَآءِ الۡغَیۡبِ) قرآن مجید کے اعجاز کے جلوؤں سے ایک غیبی خبریں اور تاریخ کے مخفی نکات کو بیان کرنا ہے۔ قرآن مجید کی کچھ حکایات رسول خداﷺکے لیے وحی کے ذریعہ بیان ہوئیں، اس سے پہلے نہ تو وہ کسی کتاب میں درج تھیں اور نہ ہیں کسی کے ذہن میں موجود تھیں (مِنۡ اَنۡۢبَآءِ الۡغَیۡبِ)۔ سابقہ امتوں کی تاریخ سے آگہی کا ایک راستہ اللہ تعالیٰ کی وحی پرتوجہ دینا ہے (ذٰلِکَ مِنۡ اَنۡۢبَآءِ الۡغَیۡبِ)۔ اختلافی امور میں فیصلہ کرنے کا ایک طریقہ قرعہ کشی ہے (یُلۡقُوۡنَ اَقۡلَامَہُمۡ)۔ ماں کے ایک ایثار کی وجہ سے اس کی بچی کو اتنی عزت و کرامت عطا ہوئی (نَذَرۡتُ۔۔۔اَیُّہُمۡ یَکۡفُلُ مَرۡیَمَ) کہ حضرت مریم علیہاالسلام کی ماں کئی سالوں سے بے اولاد تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے نذر مان لی کہ اپنے بچے سے دل اٹھا کر اسے مسجد کی خدمت کے لیے وقف کردیا اور جب وہ اسے بنی اسرائیل کے بزرگوں کے سامنے پیش کردیا تو اس کی کفالت کے لیے وہ ایک دوسرے سےجھگڑا کرنے لگے۔ بنی اسرائیل کے بڑے اس ذمہ داری کو اٹھانے کے لیے آپس میں جھگڑا کرنے لگے اور ان میں سے ہر کوئی یہ چاہتا تھا کہ اس بچی کی کفالت اسے ملے، آخر کار معاملہ قرعہ کشی پر ٹھہرا اور طے ہوا کہ جس کے نام قرعہ آئے وہ اس بچی کی کفالت کرے گا(اَیُّہُمۡ یَکۡفُلُ مَرۡیَمَ)۔

آیت ۴۵:

قرآن مجید میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو ’’کلمہ)کہا گیا ہے۔ قرآنی اصطلاح میں ’’کلمہ)مخلوق کے معنی میں ہے۔ سورہ کہف کی آیت ۱۰۹ میں ہے (قُلۡ لَّوۡ کَانَ الۡبَحۡرُ مِدَادًا لِّکَلِمٰتِ رَبِّیۡ لَنَفِدَ الۡبَحۡرُ قَبۡلَ اَنۡ تَنۡفَدَ کَلِمٰتُ رَبِّیۡ) کہدیجئے: میرے رب کے کلمات (لکھنے) کے لیے اگر سمندر سیاہی بن جائیں تو سمندر ختم ہو جائیں لیکن میرے رب کے کلمات ختم نہ ہوں گے۔ قرآن مجید میں(وَجِیۡہًا فِی الدُّنۡیَا وَ الۡاٰخِرَۃِ) کا وصف فقط حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے لیے آیا ہے۔ بعض دفعہ عورت کا مقام و مرتبہ اس حد تک بلند ہوجاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ فرشتوں کے ذریعہ اس عورت سے بات کرتا ہے(اِذۡ قَالَتِ الۡمَلٰٓئِکَۃُ یٰمَرۡیَمُ)۔ عیسیٰ علیہ السلام اللہ کا بیٹا نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہے لیکن بہت ہی عظیم مخلوق جس کی پوری پہچان نہیں ہوئی (بِکَلِمَۃٍ مِّنۡہُ) کلمہ نکرہ آیا ہے جو عظمت اور غیر معروف ہونے کی طرف اشارہ ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے اولیا کا نام خود رکھتا ہے(اسۡمُہُ الۡمَسِیۡحُ)۔ جو انسان سے پیدا ہوا ہو اور جنین کے دورانیہ کو طے کیا ہو وہ کس طرح اللہ تعالیٰ کا بیٹا ہوسکتا ہے (عِیۡسَی ابۡنُ مَرۡیَمَ)۔ دنیاوی وجاہت بھی قدر و منزلت رکھتی ہے (وَجِیۡہًا فِی الدُّنۡیَا)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 46 تا 52
وَيُكَلِّمُ ٱلنَّاسَ فِي ٱلۡمَهۡدِ وَكَهۡلٗا وَمِنَ ٱلصَّٰلِحِينَ ٤٦ قَالَتۡ رَبِّ أَنَّىٰ يَكُونُ لِي وَلَدٞ وَلَمۡ يَمۡسَسۡنِي بَشَرٞۖ قَالَ كَذَٰلِكِ ٱللَّهُ يَخۡلُقُ مَا يَشَآءُۚ إِذَا قَضَىٰٓ أَمۡرٗا فَإِنَّمَا يَقُولُ لَهُۥ كُن فَيَكُونُ ٤٧ وَيُعَلِّمُهُ ٱلۡكِتَٰبَ وَٱلۡحِكۡمَةَ وَٱلتَّوۡرَىٰةَ وَٱلۡإِنجِيلَ ٤٨ وَرَسُولًا إِلَىٰ بَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ أَنِّي قَدۡ جِئۡتُكُم بِـَٔايَةٖ مِّن رَّبِّكُمۡ أَنِّيٓ أَخۡلُقُ لَكُم مِّنَ ٱلطِّينِ كَهَيۡـَٔةِ ٱلطَّيۡرِ فَأَنفُخُ فِيهِ فَيَكُونُ طَيۡرَۢا بِإِذۡنِ ٱللَّهِۖ وَأُبۡرِئُ ٱلۡأَكۡمَهَ وَٱلۡأَبۡرَصَ وَأُحۡيِ ٱلۡمَوۡتَىٰ بِإِذۡنِ ٱللَّهِۖ وَأُنَبِّئُكُم بِمَا تَأۡكُلُونَ وَمَا تَدَّخِرُونَ فِي بُيُوتِكُمۡۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَأٓيَةٗ لَّكُمۡ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ ٤٩ وَمُصَدِّقٗا لِّمَا بَيۡنَ يَدَيَّ مِنَ ٱلتَّوۡرَىٰةِ وَلِأُحِلَّ لَكُم بَعۡضَ ٱلَّذِي حُرِّمَ عَلَيۡكُمۡۚ وَجِئۡتُكُم بِـَٔايَةٖ مِّن رَّبِّكُمۡ فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَأَطِيعُونِ ٥٠ إِنَّ ٱللَّهَ رَبِّي وَرَبُّكُمۡ فَٱعۡبُدُوهُۚ هَٰذَا صِرَٰطٞ مُّسۡتَقِيمٞ ٥١ ۞ فَلَمَّآ أَحَسَّ عِيسَىٰ مِنۡهُمُ ٱلۡكُفۡرَ قَالَ مَنۡ أَنصَارِيٓ إِلَى ٱللَّهِۖ قَالَ ٱلۡحَوَارِيُّونَ نَحۡنُ أَنصَارُ ٱللَّهِ ءَامَنَّا بِٱللَّهِ وَٱشۡهَدۡ بِأَنَّا مُسۡلِمُونَ ٥٢
ترجمہ
اور وہ لوگوں سے گہوارہ میں اور عمر کے درمیانی حصہ میں بات کرے گا اوروہ نیک لوگوں سے ہے۔(۴۶) مریم نے کہا: اے میرے رب! یہ کس طرح ہوسکتا ہے کہ میرے لیے بچہ پیدا ہو جبکہ مجھے کسی انسان نے چھوا تک نہیں، اللہ نے فرمایا: تیرے رب کا کام ایسا ہی ہے وہ جیسے چاہے خلق کرتا ہے، جب اللہ کسی کام کا ارادہ کرتا ہے تو کہتا ہے ’’ہوجا) تو وہ موجود ہوجاتا ہے۔(۴۷) اللہ اسے کتاب، حکمت اور تورات و انجیل کی تعلیم دے گا۔(۴۸) اور بنی اسرائیل کی طرف پیغمبر بنا کر بھیجا تاکہ ان کو یہ بتائے کہ میں تمہارے لیے تمہارے رب کی طرف سے معجزہ لایا ہوں، میں گیلی مٹی کے بنائے ہوئے مجسمہ سے تمہارے لیے پرندہ بناؤں گا پھر اس میں پھونک ماروں گا، پھر اللہ کے اذن سے وہ مجسمہ پرندہ ہوجائے گا، نیز اللہ کے اذن سے مادر زاد اندھے اور کوڑھ کی بیماری میں مبتلا کو صحت مند کردوں گا اور میں اللہ کے اذن سے مردوں کو زندہ کروں گا اور جو کچھ تم کھاتے ہو اور جو تم گھروں میں ذخیرہ کرکے رکھتے ہو اس بارےتمہیں خبر دوں گا، سچ تو یہ ہے کہ اگر تم میں ایمان ہو تو ان معجزات میں تمہارے لیے نشانی ہے۔(۴۹) میں تورات کی تصدیق کرنے والا ہوں جو مجھ سے پہلے (آئی) ہے اور میں اس لیے آیا ہوں تاکہ جو چیزیں تمہارے اوپر حرام ہوئی تھیں تمہارے لیے ان کو حلال قرار دے دوں اور تمہارے لیے تمہارے رب کی طرف سے نشانی لے کر آیا ہوں، پس تم اللہ کا تقویٰ اپناؤ اور میری اطاعت کرو۔(۵۰) سچ یہ ہے کہ اللہ میرا اور تمہارا رب ہے، لہذا تم اسی کی عبادت کرو کہ یہی سیدھا راستہ ہے۔(۵۱) پھر جب عیسیٰ نے محسوس کیا کہ بنی اسرائیل کفر کر رہے ہیں تو ان سے کہا: کون ہے جو اللہ کی جانب جانے کے لیے میرا مددگار بنے تو حواریوں نے جواب میں کہا: ہم اللہ کے دین کے مددگار ہیں، ہم اللہ پر ایمان لاچکے ہیں، تم اس بات کی گواہی دو کہ ہم اللہ کے آگے تسلیم ہیں۔(۵۲)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۴۶:

گہوارہ میں بات کرنا اور آئندہ کی پیشِین گوئی معجزہ ہے جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے لیے تھا۔ اسی طرح نیک ہونے اور ان کے مستقبل میں نیک ہونے اور صاحب صلاحیت ہونے کی خبر اور بشارت بھی پیشِین گوئی ہے۔ جو ذات مریم کو بغیر شوہر کے بیٹا عطا کرے وہ اس بات پر بھی قادر ہے کہ نومولود بچے کو گہوارہ میں بولنے کی طاقت و قدرت عطا کرے (یُکَلِّمُ النَّاسَ فِی الۡمَہۡدِ)۔ معجزہ کے ذریعہ نومولود بچہ بھی اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچانے والا ہوسکتا ہے(یُکَلِّمُ النَّاسَ فِی الۡمَہۡدِ)جس طرح امام جواد علیہ السلام، امام علی نقی الہادی علیہ السلام اور امام مہدی علیہ السلام بچپن میں امامت کے عہدہ پر فائز ہوئے۔

آیت ۴۷:

اللہ تعالیٰ کا ارادہ ہی موجودات کے وجود میں آنے اور پیدائش کا سبب ہے، اللہ تعالیٰ بغیر مادی اسباب کے بھی خلق کرسکتا ہے۔اللہ تعالیٰ ہی سبب بناتا ہے اور سبب کے اثر کو ختم بھی کرتا ہے۔ بعض دفعہ کسی چیز کے اثر کو اس سے لے لیتا ہے اور بعض دفعہ کسی چیز کے لیے اثر بخش دیتا ہے۔ تمام اشیاء کی پیدائش، ان کی بقا اور ان کے سارے اثرات اللہ تعالیٰ کے ارادہ سے وابستہ ہیں۔ اگر سوال ہٹ دھرمی، ضد اور انکار کی نیت سے نہ ہو تو سوال کرنے میں کوئی حرج نہیں (اَنّٰی یَکُوۡنُ لِیۡ وَلَدٌ) اولیاء الٰہی دنیا کے تمام معاملات کو اللہ تعالیٰ کے ارادہ کے تحت قدرتی اسباب کے تحت سمجھتے ہیں لہذا اگر کوئی بشارت قدرتی علل و اسباب کے خلاف ہو تو وہ اللہ تعالیٰ سے اس بارے سوال کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے غیر معمولی طریقہ سے پیدائش اور خلقت کوئی نئی اور انہونی بات نہیں، قدرتی علل و اسباب صرف وہی نہیں جو سب کو معلوم ہیں (کَذٰلِکِ)۔ آفرینش اور خلقت کی شرط اللہ تعالیٰ کا حتمی ارادہ ہے (قَضٰۤی اَمۡرًا۔۔۔کُنۡ فَیَکُوۡنُ)۔

آیت ۴۸:

تفاسیر میں ہے کہ کتاب کی تعلیم سے مراد لکھنا پڑھنا ہے اور حکمت سے مصالح اور مفاسد پر آگہی مراد ہے یعنی اخلاقیات، عقائد، اشیاء اور افعال کے مصالح و مفاسد سے آگہی مراد ہے چاہے ان کے دنیوی اثرات ہوں یا اخروی اثرات۔ الٰہی رہبر کی شرائط اورخصوصیات سے ایک معاملات کے متعلق ضروری آگہی رکھنا ہے جو علم، حکمت اور آسمانی کتاب پر مبنی ہو(یُعَلِّمُہُ الۡکِتٰبَ وَ۔۔۔)۔

آیت ۴۹:

جہاں پر خطرہ کا احساس ہو تو اس بارے زیادہ توجہ دی جائے، مردوں کو زندہ کرنا، اندھوں اور دوسرے مریضوں کو شفا دینا عقیدہ میں انحراف اور غلو کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے اس آیت میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دو بار (بِاِذۡنِ اللّٰہِ) (اللہ کی اجازت سے) کی تعبیر استعمال کی ہے۔ سورہ مائدہ آیت ۱۱۰ میں چار مرتبہ یہ عبارت ذکر ہوئی ہے۔ ہر پیغمبر کے لیے معجزہ ہونا ضروری ہے اور معجزہ اس زمانے کے لوگوں کے افکار، نظریات اور اس دور میں جاری حالات اور شرائط کی مناسبت سے ہونا چاہیے۔ حضرت امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: حضرت عیسیٰ علیہ السلام اس زمانہ میں نئی شریعت لائے کہ لوگوں میں بیماریاں عام تھیں اور لوگوں کے لیے طبیب کی خدمات کی ضرورت تھی لہذا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے معجزات میں بیماریوں سے شفا یابی کا عنصر موجود تھا۔ اگر اللہ کا ولی گیلی مٹی سے پرندہ کا مجسمہ بناتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے اذن سے وہ پرندہ بن جاتا ہے تو پھر قیامت کے دن مرے ہوئے لوگوں کو زندہ کرنا کوئی انہونی بات نہیں، یہ اللہ تعالیٰ کی قدرت سے ہے۔ معجزہ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کا جلوہ ہے جو انسانوں کی تربیت اور ہدایت کے حوالے سے ہے (جِئۡتُکُمۡ بِاٰیَۃٍ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ)۔ اولیاء الٰہی، اللہ تعالیٰ کے اذن سے نظام خلقت میں تصرف کر سکتے ہیں (فَاَنۡفُخُ فِیۡہِ فَیَکُوۡنُ طَیۡرًۢا بِاِذۡنِ اللّٰہِ)۔ انبیاء کے پاس اتنا علم غیب ہے کہ وہ لوگوں کی زندگی سے متعلق جزئیات تک سے آگاہ ہوتے ہیں (اُنَبِّئُکُمۡ بِمَا تَاۡکُلُوۡنَ وَ مَا تَدَّخِرُوۡنَ ۙ فِیۡ بُیُوۡتِکُمۡ)۔

آیت ۵۰:

سورہ انعام کی آیت ۱۴۶ میں ہے کہ یہودیوں کے ظلم و ستم کی وجہ سے ان کی سرزنش کی گئی اور ہر ناخن والے حیوان کا گوشت ان کے لے حرام قرار دیا گیا۔ اسی طرح گائے، بھیڑ اور بکری کی چربی کا استعمال بھی ان پر حرام قرار دیا گیا سوائے اتنی چربی کے جو ہڈیوں اور انتڑیوں یا جانوروں کی کمر کے ساتھ لگی ہوئی ہوتی ہے۔ شاید حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی آمد کے بعد حرام کو حلال قرار دینے سے یہی امور مراد ہوں جو اس آیت میں ذکر ہوئے ہیں۔ دین ایک سلسلہ وار اقدام ہے نہ کہ ایک چنگاری یاتند ہوا، اسی طرح انبیاء اور آسمانی کتابیں سب ایک ہی ہدف کے تحت ہیں (مُصَدِّقًا لِّمَا بَیۡنَ یَدَیَّ مِنَ التَّوۡرٰىۃِ)۔ ہدایت، رہنمائی، ارشاد اور اصلاح کرتے وقت چند نکات کا لحاظ رکھا جائے: الف: دوسروں کے ساتھ مشترکہ اصول اور صحیح بنیادوں کو قبول کیا جائے (مُصَدِّقًا)۔ ب: حتی المقدور دوسروں کے مقدسات کا احترام کیا جائے (مِنَ التَّوۡرٰىۃِ)۔ ج: آزادی بیان کا حق دیا جائے کہ سب سوچ اور فکر کرنے میں آزاد ہوں، کسی پر جبر و اکراہ نہ ہو(لِاُحِلَّ لَکُمۡ)۔ د: الٰہی قوانین کے دائرہ میں چلیں(فَاتَّقُوا اللّٰہَ)۔ سابقہ ادیان میں بعض پابندیاں اللہ تعالیٰ کی طرف سے وقتی اور عارضی طور پر جرمانہ اور سزا کے طور پر تھیں، نہ کہ ایسا الٰہی قانون جو ناقابل تغییر ہو (لِاُحِلَّ لَکُمۡ بَعۡضَ الَّذِیۡ حُرِّمَ عَلَیۡکُمۡ)۔ جس طرح انبیاء کے لیے ولایت تکوینی ہے اور وہ موجودات میں تصرف کرسکتے ہیں (اَخۡلُقُ لَکُمۡ)اسی طرح ان کے لیے ولایت تشریعی بھی ہے کہ وہ قانون سازی کرسکتے ہیں (لِاُحِلَّ لَکُمۡ۔۔۔)۔ معجزہ الٰہی ربوبیت کے شؤن سے ہے اور لوگوں کی ہدایت اور تربیت کے لیے ہے (بِاٰیَۃٍ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ)۔ تقویٰ کا تقاضا یہ ہے کہ پیغمبر کی اطاعت کی جائے (فَاتَّقُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوۡنِ)۔

آیت ۵۱:

موجودہ تحریف شدہ انجیلوں میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ کا بیٹا قرار دیا گیا ہے۔ قرآن مجید نے ان تحریف شدہ بیانات کے برعکس حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی زبان سے یہ جملہ نقل کیا ہے کہ (رَبِّیۡ وَ رَبُّکُمۡ)’’میرا اور تمہارا رب‘‘ تاکہ ہر قسم کے غلط عقیدہ کو رد کیا جائے اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی الوہیت کے عقیدہ کو ٹھکرایا جائے ۔ جب یہ طے ہے کہ ہم نے ہر صورت راستہ طے کرنا ہے تو پھر اللہ تعالیٰ کے راستہ اور اس کی بندگی کو قبول کریں جو سیدھا راستہ ہے، جس میں کجی نہیں ہے۔ جبکہ دوسرے راستوں میں انحرافات ہیں، لغزشیں، کمزوریاں، محدودیتیں اور حکمرانوں کی خواہشات ہوتی ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام مخلوق ہونے اور تربیت میں ہونے کے لحاظ سے باقی لوگوں کی مانند ہیں(رَبِّیۡ وَ رَبُّکُمۡ)۔ اللہ کی بندگی اور عبادت، راہ مستقیم اور سعادت کا سبب ہے (فَاعۡبُدُوۡہُ ؕ ہٰذَا صِرَاطٌ مُّسۡتَقِیۡمٌ)۔

آیت ۵۲:

باوجود اس کےکہ بنی اسرائیل نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ہاتھوں سے مادر زاد اندھے کو بینا ہوتے دیکھا، بیمار کو شفا یاب ہوتے دیکھا، مردہ کو زندہ ہوتے دیکھا لیکن پھر بھی ہٹ دھرمی اور ضد کرتے ہوئے حق کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام کے فرمان کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام ان کی اہانت آمیز اور بے ہودہ باتوں کو سنتے تھے۔ حواریون وہ لوگ تھے جنہوں نے لوگوں کی انحرافی روش کو چھوڑا اور حق کے راستہ کو اپنا لیا۔ ان کی تعداد بارہ تھی۔ انجیل متی اور انجیل لوقا میں ان کے نام آئے ہیں۔ امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: وہ ایسے لوگ تھے جنہوں نے خود کو پاک اور نورانی کیا اور دوسروں کو پاک بنانے کی کوشش کی۔ لوگوں کے نظریات، افکار اور عقائد کی معرفت قیادت کے لیے بنیادی شرط ہے (فَلَمَّاۤ اَحَسَّ عِیۡسٰی مِنۡہُمُ الۡکُفۡرَ)۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام مردہ کو زندہ کرتے تھے، مادر زاد اندھے کو بینا کرتے تھے اور لاعلاج بیماروں کو شفا دیتے تھے لیکن ضدی اور ہٹ دھرم افراد ان سے فیض حاصل کرنے سے محروم رہتے تھے(فَلَمَّاۤ اَحَسَّ عِیۡسٰی مِنۡہُمُ الۡکُفۡرَ۔۔۔)۔ وفادار قوتوں کی پہچان، ان کی تنظیم اور ان پر اعتماد حق کے محاذ کو باطل سے جدا کرتا ہے، ایسا کرنا قیادت اور اس تحریک کے لیے ضروری ہے(مَنۡ اَنۡصَارِیۡۤ اِلَی اللّٰہِ)۔ الٰہی قیادت کے ساتھ عہدِ وفا کی تجدید سیاسی، اجتماعی اور دینی لحاظ سے اہمیت رکھتی ہے (نَحۡنُ اَنۡصَارُ اللّٰہِ)۔ انبیاء لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف بلاتے ہیں، اپنی ذات کی طرف نہیں بلاتے (مَنۡ اَنۡصَارِیۡۤ ۔۔۔ نَحۡنُ اَنۡصَارُ اللّٰہِ)۔ الٰہی منادیوں کی مدد کرنا اللہ تعالیٰ کی مدد کرنے کے مترادف ہے (نَحۡنُ اَنۡصَارُ اللّٰہِ)۔ دینی قائدین کی حمایت کرنے میں سبقت لے جانے کی بڑی قدر و قیمت ہے۔ اگرچہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے دوسرے حمایتی بھی موجود تھے لیکن اللہ تعالیٰ نے حوارین کی خصوصی تعریف کی ہے۔ یہ ان کے روشن ماضی، صراحت اور کھلی حمایت کی وجہ سے ہے (مَنۡ اَنۡصَارِیۡۤ ۔۔۔نَحۡنُ اَنۡصَارُ اللّٰہِ)۔ اللہ تعالیٰ کے حضور تسلیم ہونے کا مقام ایمان لانے کے بعد ہے (اٰمَنَّا بِاللّٰہِ۔۔۔مُسۡلِمُوۡنَ)۔ انبیاء قیامت کے دن لوگوں کے اعمال پر گواہ ہوں گے (وَ اشۡہَدۡ بِاَنَّا مُسۡلِمُوۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 53 تا 61
رَبَّنَآ ءَامَنَّا بِمَآ أَنزَلۡتَ وَٱتَّبَعۡنَا ٱلرَّسُولَ فَٱكۡتُبۡنَا مَعَ ٱلشَّٰهِدِينَ ٥٣ وَمَكَرُواْ وَمَكَرَ ٱللَّهُۖ وَٱللَّهُ خَيۡرُ ٱلۡمَٰكِرِينَ ٥٤ إِذۡ قَالَ ٱللَّهُ يَٰعِيسَىٰٓ إِنِّي مُتَوَفِّيكَ وَرَافِعُكَ إِلَيَّ وَمُطَهِّرُكَ مِنَ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ وَجَاعِلُ ٱلَّذِينَ ٱتَّبَعُوكَ فَوۡقَ ٱلَّذِينَ كَفَرُوٓاْ إِلَىٰ يَوۡمِ ٱلۡقِيَٰمَةِۖ ثُمَّ إِلَيَّ مَرۡجِعُكُمۡ فَأَحۡكُمُ بَيۡنَكُمۡ فِيمَا كُنتُمۡ فِيهِ تَخۡتَلِفُونَ ٥٥ فَأَمَّا ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ فَأُعَذِّبُهُمۡ عَذَابٗا شَدِيدٗا فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِ وَمَا لَهُم مِّن نَّٰصِرِينَ ٥٦ وَأَمَّا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَعَمِلُواْ ٱلصَّٰلِحَٰتِ فَيُوَفِّيهِمۡ أُجُورَهُمۡۗ وَٱللَّهُ لَا يُحِبُّ ٱلظَّٰلِمِينَ ٥٧ ذَٰلِكَ نَتۡلُوهُ عَلَيۡكَ مِنَ ٱلۡأٓيَٰتِ وَٱلذِّكۡرِ ٱلۡحَكِيمِ ٥٨ إِنَّ مَثَلَ عِيسَىٰ عِندَ ٱللَّهِ كَمَثَلِ ءَادَمَۖ خَلَقَهُۥ مِن تُرَابٖ ثُمَّ قَالَ لَهُۥ كُن فَيَكُونُ ٥٩ ٱلۡحَقُّ مِن رَّبِّكَ فَلَا تَكُن مِّنَ ٱلۡمُمۡتَرِينَ ٦٠ فَمَنۡ حَآجَّكَ فِيهِ مِنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَكَ مِنَ ٱلۡعِلۡمِ فَقُلۡ تَعَالَوۡاْ نَدۡعُ أَبۡنَآءَنَا وَأَبۡنَآءَكُمۡ وَنِسَآءَنَا وَنِسَآءَكُمۡ وَأَنفُسَنَا وَأَنفُسَكُمۡ ثُمَّ نَبۡتَهِلۡ فَنَجۡعَل لَّعۡنَتَ ٱللَّهِ عَلَى ٱلۡكَٰذِبِينَ ٦١
ترجمہ
اے ہمارے رب! جو تو نے اتار ا ہے ہم اس پر ایمان لے آئے ہیں اور تیرے رسول کی پیروی کرتے ہیں، تو ہمیں گواہوں کے ہمراہ لکھ لے۔(۵۳)انہوں (یہودیوں) نے سازشیں کی اور اللہ نے (بھی جوابی) تدبیر فرمائی اور اللہ بہترین تدبیر کرنے والا ہے۔(۵۴) جب اللہ نے عیسیٰ سے کہا: میں تجھے (زمین سے) اٹھا لوں گا اوراپنے پاس لے جاؤں گا، میں تجھے ان سے دور اور پاکیزہ کردوں گا جنہوں نے کفر کیا اور قیامت تک تیرے پیروکاروں کو ان پر برتری دوں گا، پھر تمہاری بازگشت میری طرف ہے، پھر جس بات میں تمہارے درمیان اختلاف تھا اس کا فیصلہ دوں گا۔(۵۵) جو لوگ کافر ہوئے تو دنیا اور آخرت میں انہیں سخت عذاب دوں گا، ان کے لیے کوئی یاور و مددگار نہیں ہے۔(۵۶) لیکن جو ایمان لے آئے اور نیک اعمال انجام دئیے اللہ ان کے ثوابات بطور کامل انہیں دے گا، اللہ ظالموں کو پسند نہیں کرتا۔(۵۷) (اے پیغمبر!) جو ہم تمہارے لیے بیان کرتے ہیں تو یہ آیات نصیحت، پند اور حکمت آمیز ہے۔(۵۸) اللہ کے ہاں عیسیٰ،آدم کی مانند ہے کہ اللہ نے اس کو مٹی سے پیدا کیا پھر اس سے کہا: ہوجا تو وہ بلا فاصلہ موجود ہوگئے۔(۵۹) حق بات تیرے رب کی جانب سے ہے، لہذا تم شک و تردید کرنے والوں سے مت بنو۔(۶۰) تمہارے پاس جو علم آگیا ہے تو اس کے بعد کوئی تمہارے ساتھ بحث مباحثہ کرے تو اس سے کہہ دو کہ آؤ ہم اپنے بیٹوں کو بلاتے ہیں تم اپنے بیٹوں کو بلاؤ، ہم اپنی عورتوں کو بلاتے ہیں تم اپنی عورتوں کو بلاؤ، ہم اپنی جانوں کو بلاتے ہیں تم اپنی جانوں کو بلاؤ پھر اللہ کے حضور مباہلہ (گریہ و زاری اور آہ و فغاں) کریں کہ جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہو۔(۶۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۵۳:

اللہ تعالیٰ کے تمام دستورات پر ایمان لانا واجب ہے (اٰمَنَّا بِمَاۤ اَنۡزَلۡتَ)۔ ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ پیغمبر کی اطاعت کی جائے ( اٰمَنَّا۔۔۔وَ اتَّبَعۡنَا الرَّسُوۡلَ)۔ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ وہ ہمیں ایمان پر ثابت قدم رکھے اور انبیاء کے حامیوں سے قرار دے (فَاکۡتُبۡنَا مَعَ الشّٰاہِدِیۡنَ)۔

آیت ۵۴:

امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کےمکر کرنے سے مراد یہ ہے کہ وہ مکر کی سزا دیتا ہے ورنہ اللہ تعالیٰ مکر کرنے والوں سے نہیں ہے۔ اس آیت میں مکر سے مراد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے قتل کی سازش ہے۔ ایک گروہ نے منصوبہ بنایا کہ ان کی زندگی کا چراغ بجھا دیا جائے اور اس کے لیے انہوں نے سازش تیار کی۔ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو گرفتار کرنے، انہیں قید کرنے یا اس کے بارے خبر دینے والوں کے لیے انعام مقرر کیا اور یوں انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو پھانسی پر چڑھانے اور انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا اور بہترین طریقہ سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو نجات دی۔ اللہ تعالیٰ کی سزائیں جرم سے مناسبت رکھتی ہیں (وَ مَکَرُوۡا وَ مَکَرَ اللّٰہُ)۔ اللہ تعالیٰ کا ارادہ ہر تدبیر اور ہر سعی و کوشش پر غالب ہے (وَ اللّٰہُ خَیۡرُ الۡمٰکِرِیۡنَ)۔

آیت ۵۴:

امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کےمکر کرنے سے مراد یہ ہے کہ وہ مکر کی سزا دیتا ہے ورنہ اللہ تعالیٰ مکر کرنے والوں سے نہیں ہے۔ اس آیت میں مکر سے مراد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے قتل کی سازش ہے۔ ایک گروہ نے منصوبہ بنایا کہ ان کی زندگی کا چراغ بجھا دیا جائے اور اس کے لیے انہوں نے سازش تیار کی۔ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو گرفتار کرنے، انہیں قید کرنے یا اس کے بارے خبر دینے والوں کے لیے انعام مقرر کیا اور یوں انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو پھانسی پر چڑھانے اور انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا اور بہترین طریقہ سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو نجات دی۔ اللہ تعالیٰ کی سزائیں جرم سے مناسبت رکھتی ہیں (وَ مَکَرُوۡا وَ مَکَرَ اللّٰہُ)۔ اللہ تعالیٰ کا ارادہ ہر تدبیر اور ہر سعی و کوشش پر غالب ہے (وَ اللّٰہُ خَیۡرُ الۡمٰکِرِیۡنَ)۔

آیت ۵۵:

دوسرے انبیاء کے لیے بھی معراج تھی (رَافِعُکَ اِلَیَّ)۔ کافروں کے درمیان زندگی گزارنا آلودگی اور پلیدی کا سبب ہے اور کافروں سے دوری پاکیزگی اور طہارت کا سبب ہے (مُطَہِّرُکَ مِنَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا)۔ قرآن مجید کے معجزات اور پیشگوئیوں میں سے ایک یہ ہے کہ عیسائیت یہودیت پر غالب آئے گی(جَاعِلُ الَّذِیۡنَ اتَّبَعُوۡکَ فَوۡقَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا)۔ انبیاء کی پیروی کامیابی کی کنجی ہے (جَاعِلُ الَّذِیۡنَ اتَّبَعُوۡکَ فَوۡقَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا)۔ اسلام کا عالمی دین ہونا اس بات سے منافات نہیں رکھتا کہ مذہبی اقلیتیں اسلام کی پناہ میں ہوں، (اِلٰی یَوۡمِ الۡقِیٰمَۃِ) کی عبارت سے معلوم ہوتا ہے کہ یہودی اور عیسائی قیامت تک موجود رہیں گے۔

آیات ۵۶۔۵۷:

کفار کو دھمکی دینے کے ساتھ ساتھ مومنوں کو ترغیب دلانا بھی ضروری ہے، جس طرح ایمان کے ساتھ نیک اعمال بھی ضروری ہیں۔ جس قدر زیادہ اتمام حجت ہوگی اسی قدر انکار کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ کا غضب زیادہ ہوگا۔ جو لوگ یہ دیکھ رہے تھے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام مردوں کو زندہ کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ ایمان نہ لائے تو ان کے لیے سخت عذاب ہے (فَاُعَذِّبُہُمۡ عَذَابًا شَدِیۡدًا)۔ بعض دفعہ اللہ تعالیٰ مجرمین کو دنیا میں بھی سزا دیتا ہے (فِی الدُّنۡیَا وَ الۡاٰخِرَۃِ)۔

آیت ۵۸:

صحیح قیادت کے لیے علم و حکمت کا ہونا ضروری ہے جو کہ الٰہی نشانیاں ہیں نیز حکیمانہ بیان اور دلیل پر مبنی بات بھی ضروری ہے(الۡاٰیٰتِ وَ الذِّکۡرِ الۡحَکِیۡمِ)۔

آیت ۵۹:

عیسائیوں کی ایک جماعت نے پیغمبراکرمﷺ سے گفتگو میں اس بات کو دلیل بنایا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام باپ کے بغیر پیدا ہوئے لہذا وہ الٰہ ہیں۔ ان کے جواب میں یہ آیت نازل ہوئی کہ اگر بغیر باپ کے پیدا ہونا الٰہ ہونے کی دلیل ہے تو ان سے پہلے حضرت آدم علیہ السلام بھی بغیر باپ کے پیدا مٹی سے خلق ہوئے، ان کی تو ماں بھی نہ تھی جبکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ماں تو تھیں تو پھر تم حضرت آدم علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ کا بیٹا کیوں قرار نہیں دیتے ہو؟ تاریخ کا حوالہ دینا، گذشتہ تجربات کو سامنا رکھنا اور نمونوں کو پیش کرنا حق کی جانب دعوت دینے کے لیے بہترین راستہ ہیں(اِنَّ مَثَلَ عِیۡسٰی عِنۡدَ اللّٰہِ کَمَثَلِ اٰدَمَ)۔

آیت ۶۰:

حق کا بیان ربوبیت اور تربیت کا رمز ہے (اَلۡحَقُّ مِنۡ رَّبِّکَ)۔ صرف اللہ تعالیٰ کا راستہ اور اس کے کلام و قانون حق اورتغییر ناپذیر ہے (اَلۡحَقُّ مِنۡ رَّبِّکَ)۔ مخالفین کی تعداد کا زیادہ ہونا، ان کی سرگرمیوں اور پروپیگنڈوں اور ان کے مال و ثروت کوراہ حق اور عقائد حقہ کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیں (فَلَا تَکُنۡ مِّنَ الۡمُمۡتَرِیۡنَ)۔

آیت ۶۱:

(نَبۡتَہِلۡ)ابتہال سے ہے جو کہنیوں تک آستین چڑھا کرہاتھوں کو پھیلاکر آسمان کی طرف بلند کرکے عاجزی و انکساری کے ساتھ خدا کو پکارنے کے معنی میں ہے۔ یہ آیت، آیہ مباہلہ کے نام سے مشہور ہے جس کا معنی یہ ہے کہ دو جماعتیں جو ایک دوسرے کی مخالف ہیں اللہ تعالیٰ سے گڑ گڑا کر ایک دوسرے کے خلاف دعا کریں اور ایک دوسرے پرنفرین کریں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ ان میں سے جو جھوٹا ہے اس پر اللہ تعالیٰ کی لعنت ہو اور اہل باطل ہلاک ہوں اور اہل حق نجات پائیں۔ دس ہجری کا واقعہ ہے کہ رسول خداﷺکی جانب سے کچھ لوگ اہل نجران کے عیسائیوں کو دین اسلام کی دعوت دینے کے لیے گئے۔ نجران کے عیسائیوں نے ایک وفد تیار کیا کہ وہ مدینہ جا کر رسول اللہﷺسے گفتگو کرے۔ پیغمبراسلامﷺاور اس وفد کے درمیان گفتگو ہوئی لیکن پھر بھی اس وفد نے اسلام کی حقانیت بارے شک و تردید کی تو یہ آیت نازل ہوئی اور رسول خداﷺکو حکم ملا کہ ان عیسائیوں سے کہہ دو: آؤ ہم اپنے بیٹوں کو بلاتے ہیں تم اپنے بیٹوں کو بلاؤ، ہم اپنی عورتوں کو بلاتے ہیں تم اپنی عورتوں کو بلاؤ، ہم اپنی جانوں کو بلاتے ہیں تم اپنی جانوں کو بلاؤ پھر اللہ کے حضور مباہلہ اور گریہ و زاری اور آہ و فغاں کریں کہ جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہو۔جب دونوں گروہ آمنے سامنے ہوئے تو عیسائیوں نے مہلت مانگی تاکہ اس بارے غور و فکر کرسکیں اور باہمی مشورہ کریں۔ عیسائیوں کے بڑے نے کہا کہ اس تجویز کو قبول کرلو۔ اگر دیکھو کہ پیغمبر ایک بڑی جمعیت کو لے کر میدان مباہلہ میں آتے ہیں تو یقین کریں کہ کچھ ہونے والا نہیں اور اگر چند محدود افراد کے ساتھ آتے ہیں تو پھر تم مباہلہ نہ کرنا۔ مباہلہ کے دن عیسائیوں نے دیکھ کہ پیغمبر اسلامﷺاپنے ہمراہ امام حسن، امام حسین، فاطمہ زہرا اور امام علی علیہم السلام کو لے کر آرہے ہیں۔ عیسائیوں کے بڑے عالم(اسقف) نے کہا:میں ایسے چہروں کو دیکھ رہا ہوں کہ اگر انہوں نے دعا کے لیے ہاتھ بلند کردیے تو روئے زمین پر ایک عیسائی بھی باقی نہ بچے گا۔ اس لیے انہوں نے مباہلہ کرنے سے گریز کیا اور مصالحت کرنے کے لیے آمادہ ہوگئے۔ مباہلہ کا واقعہ۲۴ یا ۲۵ ذالحجہ کو مدینہ شہر کے باہر ہوا۔ اِس وقت وہ جگہ مدینہ شہر کا حصہ ہے۔ اس جگہ مسجد بنائی گئی ہے جس کا نام مسجد مباہلہ (مسجد الاجابۃ) ہے۔ تفسیر المیزان میں احادیث کا حوالہ دے کر بیان ہوا ہے کہ مباہلہ کی دعوت صرف عیسائیوں کے لیے نہیں بلکہ دوسرے مومنین میں بھی اگر مباہلہ کی شرائط موجود ہوں تو وہ مباہلہ کرسکتے ہیں۔ آنحضرتﷺ نے یہودیوں کو بھی مباہلہ کی دعوت دی تھی۔ مباہلہ پیغمبراکرمﷺ کے زمانے سے مخصوص نہیں ہے۔ اگر مباہلہ کی شرائط موجود ہوں تو مومنین میں بھی مباہلہ کرسکتے ہیں۔ سوال: اگر اس واقعہ میں عورتوں میں سے فقط فاطمہ زہرا علیہا السلام موجود تھیں تو قرآن مجید میں (نِسَآءَنَا) جمع کا صیغہ کیوں لایا گیا ہے؟ جبکہ ایک ہی عورت تھیں۔ جواب: قرآن مجید میں بہت سارے موارد ایسے ہیں جہاں پر مورد کی اہمیت کی وجہ سے ایک فرد کے لیے جمع کا صیغہ لایا گیا ہے ۔ مثال کے طور پر سورہ آل عمران کی آیت ۱۸۱ میں ایک آدمی نے توہین آمیز لہجہ میں کہا: ’’اللہ فقیر ہے) لیکن آیت میں اس کے لیے جمع کا صیغہ لایا گیا ہے’’الَّذِیۡنَ قَالُوۡۤا اِنَّ اللّٰہَ فَقِیۡرٌ) جس طرح قرآن مجید میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے لیے کہا گیا ہے (اِنَّ اِبۡرٰہِیۡمَ کَانَ اُمَّۃً)’’نحل، ۱۲۰‘‘ ابراہیم ایک امت تھے جبکہ وہ ایک فرد تھے۔ اگرچہ پیغمبر اکرمﷺ تنہا بھی نفرین کرسکتے تھے لیکن آپ نے امام علی علیہ السلام، امام حسن، امام حسین اور حضرت فاطمہ زہرا علیہم السلام کو اپنے ہمراہ لے جاکر ہمیں یہ سمجھایا کہ یہ افراد رسول اللہﷺ کے کام میں شریک ہیں، حق کی دعوت دینے میں رسول اللہﷺ کے ہدف میں شریک ہیں، ہر خطرہ کو اس راستہ میں قبول کرنے کے لیے آمادہ ہیں اور رسول اللہﷺ کی تحریک کو جاری رکھنے والے یہی ہیں۔ اگر انسان کا ہدف پر ایمان ہو تو وہ تیار ہوتا ہے کہ اپنے آپ کو اور اپنے عزیز تین افراد کو اس کے لیے خطرہ میں ڈال دے (مِنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَکَ مِنَ الۡعِلۡمِ)۔ مومن کا آخری اسلحہ دعاء ہے (فَقُلۡ تَعَالَوۡا نَدۡعُ)۔ نواسہ بھی پوتے کی طرح انسان کا بیٹا ہے (اَبۡنَآءَنَا)؛ اس بنا پر امام حسن اور امام حسین علیہماالسلام رسول اللہﷺکے بیٹے ہیں۔ دعا میں دعا مانگنے والوں کے حالات اور کیفیات اہم ہیں، ان کی تعداد اہم نہیں، مباہلہ کرنے والوں کی تعداد پانچ ہے(اَبۡنَآءَنَا،نِسَآءَنَا،اَنۡفُسَنَا)۔ علی بن ابی طالب علیہ السلام جانِ رسول ﷺ ہیں (اَنۡفُسَنَا)۔ دعا کی محافل میں اپنے چھوٹے بچوں کو بھی ساتھ لے جائیں(اَبۡنَآءَنَا)۔ اہل بیت پیغمبرﷺمستجاب الدعوۃ ہیں (اَبۡنَآءَنَا،نِسَآءَنَا،اَنۡفُسَنَا)۔ اگر مومنین مضبوطی سے کھڑے ہوجائیں تو دشمن اپنے باطل عقیدہ سے پیچھے ہٹ جاتا ہے اور شکست تسلیم کر لیتا ہے (نَدۡعُ ۔۔۔ نَبۡتَہِلۡ)۔ استدلال کا جواب استدلال ہی سے دیا جانا چاہیے لیکن مجادلہ اور ضد بازی کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے (لَعۡنَتَ اللّٰہِ عَلَی الۡکٰذِبِیۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 62 تا 70
إِنَّ هَٰذَا لَهُوَ ٱلۡقَصَصُ ٱلۡحَقُّۚ وَمَا مِنۡ إِلَٰهٍ إِلَّا ٱللَّهُۚ وَإِنَّ ٱللَّهَ لَهُوَ ٱلۡعَزِيزُ ٱلۡحَكِيمُ ٦٢ فَإِن تَوَلَّوۡاْ فَإِنَّ ٱللَّهَ عَلِيمُۢ بِٱلۡمُفۡسِدِينَ ٦٣ قُلۡ يَٰٓأَهۡلَ ٱلۡكِتَٰبِ تَعَالَوۡاْ إِلَىٰ كَلِمَةٖ سَوَآءِۭ بَيۡنَنَا وَبَيۡنَكُمۡ أَلَّا نَعۡبُدَ إِلَّا ٱللَّهَ وَلَا نُشۡرِكَ بِهِۦ شَيۡـٔٗا وَلَا يَتَّخِذَ بَعۡضُنَا بَعۡضًا أَرۡبَابٗا مِّن دُونِ ٱللَّهِۚ فَإِن تَوَلَّوۡاْ فَقُولُواْ ٱشۡهَدُواْ بِأَنَّا مُسۡلِمُونَ ٦٤ يَٰٓأَهۡلَ ٱلۡكِتَٰبِ لِمَ تُحَآجُّونَ فِيٓ إِبۡرَٰهِيمَ وَمَآ أُنزِلَتِ ٱلتَّوۡرَىٰةُ وَٱلۡإِنجِيلُ إِلَّا مِنۢ بَعۡدِهِۦٓۚ أَفَلَا تَعۡقِلُونَ ٦٥ هَٰٓأَنتُمۡ هَٰٓؤُلَآءِ حَٰجَجۡتُمۡ فِيمَا لَكُم بِهِۦ عِلۡمٞ فَلِمَ تُحَآجُّونَ فِيمَا لَيۡسَ لَكُم بِهِۦ عِلۡمٞۚ وَٱللَّهُ يَعۡلَمُ وَأَنتُمۡ لَا تَعۡلَمُونَ ٦٦ مَا كَانَ إِبۡرَٰهِيمُ يَهُودِيّٗا وَلَا نَصۡرَانِيّٗا وَلَٰكِن كَانَ حَنِيفٗا مُّسۡلِمٗا وَمَا كَانَ مِنَ ٱلۡمُشۡرِكِينَ ٦٧ إِنَّ أَوۡلَى ٱلنَّاسِ بِإِبۡرَٰهِيمَ لَلَّذِينَ ٱتَّبَعُوهُ وَهَٰذَا ٱلنَّبِيُّ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُواْۗ وَٱللَّهُ وَلِيُّ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ ٦٨ وَدَّت طَّآئِفَةٞ مِّنۡ أَهۡلِ ٱلۡكِتَٰبِ لَوۡ يُضِلُّونَكُمۡ وَمَا يُضِلُّونَ إِلَّآ أَنفُسَهُمۡ وَمَا يَشۡعُرُونَ ٦٩ يَٰٓأَهۡلَ ٱلۡكِتَٰبِ لِمَ تَكۡفُرُونَ بِـَٔايَٰتِ ٱللَّهِ وَأَنتُمۡ تَشۡهَدُونَ ٧٠
ترجمہ
(مسیح کے بارے) بتحقیق صحیح داستان یہی ہے، اللہ کے سواء کوئی اور معبود نہیں ہے اور بتحقیق اللہ ہی غالب آنے والا حکیم ہے۔(۶۲) لہذا اگر وہ حق سے منہ موڑ لیں تو اللہ فساد پھیلانے والوں کے حالات سے آگاہ ہے۔(۶۳) (اے رسول ان سے) کہہ دو: اے اہل کتاب! اس بات کی طرف آجاؤ جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترک ہے کہ اللہ کے سواء کسی کی پرستش نہ کریں اور کسی شئے کو اس کا شریک نہ بنائیں اور اللہ کے سوا آپس میں ایک دوسرے کو اپنا رب نہ بنائیں، پھر اگر انہوں نے اس تجویز کو ٹھکرا دیا تو ان سے کہو کہ تم گواہ رہنا کہ ہم مسلمان ہیں۔(۶۴) اے اہل کتاب! تم ابراہیم بارے کیوں بحث و مباحثہ کرتے ہوجبکہ تورات اور انجیل ان کے بعد نازل ہوئی ہیں،تم اس بات پر غور و فکر کیوں نہیں کرتے؟(۶۵) جی ہاں، تم تو وہی ہو جنہوں نے اس بات کے بارے بحث و مباحثہ کیا جس کو تم جانتے تھے پھر تم کس وجہ سے اس کے بارے میں بحث و مباحثہ کرتے ہو جس کو نہیں جانتے، جبکہ اللہ اس بارے آگاہ ہے تم آگاہ نہیں ہو۔(۶۶) ابراہیم نہ یہودی تھے اور نہ ہی عیسائی بلکہ وہ حق پرست اور اللہ کے حضور تسلیم تھے اور وہ ہرگز مشرکین سے نہ تھے۔(۶۷) ابراہیم کے قریب ترین وہ لوگ ہیں جو ان کی پیروی کرتے ہیں اور یہ پیغمبر اور جو اس پر ایمان لے آئے ہیں اور اللہ مومنوں کا ولی اور سرپرست ہے۔(۶۸) اہل کتاب کا ایک گروہ یہ چاہتا ہے کہ وہ تمہیں گمراہ کردیں لیکن وہ تو اپنے سوا کسی اور کو گمراہ نہیں کرتے لیکن وہ اس کو نہیں سمجھتے۔(۶۹) اے اہل کتاب! تم اللہ کی نشانیوں اور رسول کی نبوت کا انکار کیوں کرتے ہو؟ جبکہ تم خود اس کے صحیح ہونے کے گواہ ہو۔(۷۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۶۲:

ناول، افسانے اور اساطیر ’’قصے کہانیاں‘‘ خیالات کی بنیاد پر ہوتے ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے۔ لیکن جو کچھ قرآن مجید میں بیان ہوا ہے اس کی بنیاد وحی الٰہی ہے اور وہ حق اور حقیقت پر مبنی ہے، اس کا وہمیات اور خیالات سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس میں جھوٹ اور غلط امور نہیں۔ قرآن مجید نہ ہوتا تو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حقیقی شناخت ممکن نہ تھی، ان کے بارے میں غلط اور غیر حقیقی باتیں موجود رہتیں اور وہ غیر معروف رہتے (اِنَّ ہٰذَا لَہُوَ الۡقَصَصُ الۡحَقُّ)۔ پیغمبروں کے بارے میں ایسا واقعہ بیان کرنا جو توحید کے عقیدہ سے ٹکرتا ہو وہ من گھڑت اور خرافات ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں (لَہُوَ الۡقَصَصُ الۡحَقُّ ۚ وَ مَا مِنۡ اِلٰہٍ اِلَّا اللّٰہُ)۔

آیت ۶۳:

حق سے منہ موڑ لینا فساد کا ایک نمونہ ہے، حق سے منہ موڑنے والا فسادی ہے (تَوَلَّوۡا ۔۔۔بِالۡمُفۡسِدِیۡنَ)۔

آیت ۶۴:

عدی بن حاتم نے اسلام لانے کے بعد پیغمبراسلامﷺ سے عرض کیا:جب ہم عیسائی تھے تو ہم آپس میں ایک دوسرے کو رب قرار نہیں دیتے تھے تو اس جملہ کا کیا معنی ہے کہ قرآن مجید کہہ رہا ہے (لَا یَتَّخِذَ بَعۡضُنَا بَعۡضًا اَرۡبَابًا)، پیغمبراسلامﷺنے فرمایا: کیا تمہارے علما اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے قوانین اور احکام میں تبدیلی نہیں کرتے تھے؟ عدی نے جواب دیا: کیوں نہیں، وہ ان میں تبدیلی کرتے تھے۔ پیغمبر اسلام ﷺنے فرمایا: ایسے عالم کی پیروی کرنا جس نے اللہ تعالیٰ کے قانون کو تبدیل کیا تو یہ اس کی بندگی اور اسے رب بنانا ہے۔ وحدت اور اتحاد کی دعوت دینے میں پیش قدم ہونا چاہیے (تَعَالَوۡا اِلٰی کَلِمَۃٍ سَوَآءٍۢ بَیۡنَنَا وَ بَیۡنَکُمۡ)۔ اگر حق کے سارے اہداف کو حاصل نہ کرسکو تو بعض اہداف کو حاصل کرنے کی کوشش ضرور کرو (تَعَالَوۡا اِلٰی کَلِمَۃٍ سَوَآءۢ)۔ تبلیغ کے مقاصد میں سے ایک یہ بھی ہے کہ مخالفین کو مشترکات کی دعوت دی جائے (کَلِمَۃٍ سَوَآءٍۢ بَیۡنَنَا وَ بَیۡنَکُمۡ)۔ یکتا پرستی اور شرک سے بیزاری تمام آسمانی ادیان کا مشترکہ عقیدہ ہے (کَلِمَۃٍ سَوَآءٍۢ۔۔۔اَلَّا نَعۡبُدَ اِلَّا اللّٰہَ)۔ دوسرے انسانوں کی کسی بھی حوالے سے بے چوں و چرا پیروی کرنا انہیں اپنا رب بنانے کے مترادف ہے جبکہ سارے انسان آپس میں انسان ہونے کے حوالے سے برابر ہیں (لَا یَتَّخِذَ بَعۡضُنَا بَعۡضًا اَرۡبَابًا)۔ مخالفین کی گمراہی اور ان کا حق سے منہ موڑ لینا ہمارے ارادے اور ایمان میں کسی قسم کا رخنہ نہ ڈالے (فَاِنۡ تَوَلَّوۡا فَقُوۡلُوا اشۡہَدُوۡا بِاَنَّا مُسۡلِمُوۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ کی بندگی اور غیر اللہ کی حکمرانی اور شرک کی مخالفت حقیقی مسلمان کی خصوصیات میں سے ہے (اشۡہَدُوۡا بِاَنَّا مُسۡلِمُوۡنَ)۔

آیت ۶۵:

یہودی حضرت ابراہیم علیہ السلام کو یہودی اور عیسائی انہیں عیسائی سمجھتے تھے۔ اس آیت میں ان کے اس وہم و خیال کو مسترد کیا گیا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام تو تورات اور انجیل کے آنے سے پہلے موجود تھے۔ پھر وہ ان دو کتابوں کے پیرو کیسے ہوسکتے ہیں؟! کیا تم اس قدر بھی غور و فکر نہیں کرتے؟ تھوڑا تو سوچو کہ آپ کی بات ایسی ہو جو تاریخ کے ساتھ مطابقت رکھتی ہو (یٰۤاَہۡلَ الۡکِتٰبِ لِمَ تُحَآجُّوۡنَ)۔ شخصیات کی نسبت اپنی طرف دے کر اپنی حقانیت کو ثابت کرنے کی کوشش نہ کرو، بلکہ شخصیات کو اپنے ساتھ جوڑنے اور ان کی نسبت اپنی طرف دینے کی بجائے ان کے افکار اور نظریات کی پیروی کرو۔

آیت ۶۶:

یہ آیت اہل کتاب کو خبردار کر رہی ہے کہ تم لوگ جس بات کے متعلق آگاہ ہو اور جانتے ہو کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام عام انسانوں کی طرح معمول کی زندگی گزارتے تھے، کھانا کھاتے تھے، انہیں لباس اور رہائش کی ضرورت تھی پھر بھی تم ان کے متعلق بحث و مباحثہ کرتے ہو اور تم میں سے ایک جماعت انہیں جھوٹا کہتی ہے تو کچھ انہیں خدا کا بیٹا قرار دیتے ہیں، یا حضرت محمدﷺکی حقانیت کی نشانیاں تورات اور انجیل میں دیکھنے کے باوجود پھر بھی تم ان کا انکار کرتے ہو اور اس بارے بحث و مباحثہ کرتے ہو، تمہارا یہ عمل درست نہیں ہے۔ ضدی اور ہٹ دھرم افراد واضح و روشن مسائل بارے بھی گفتگو کرنے اور حق کا انکار کرنے سے گریز نہیں کرتے(حَاجَجۡتُمۡ فِیۡمَا لَکُمۡ بِہٖ عِلۡمٌ)۔ اگر بحث و مباحثہ کا مقصد تحقیق کرنا اور صحیح نتیجہ لینا ہو تو یہ اچھا ہے اور اس کی قدر ہے لیکن اگر اس کا مقصد حق سے فرار کرنا ہو تو قابل مذمت ہے (حَاجَجۡتُمۡ فِیۡمَا لَکُمۡ بِہٖ عِلۡمٌ)۔

آیت ۶۷:

(حَنَفَ) حق کی طرف میلان رکھنے کے معنی میں ہے اور (جنف)حق سے انحراف کرنے کے معنی میں ہے۔ حنیف اسے کہا جاتا ہے جو سیدھی راہ پر ہو لیکن بت پرست اس اصطلاح کو اپنے لیے استعمال کرتے تھے۔ مشرکین کو بھی (حنفاء) کہا جاتا تھا۔ اس آیت میں (مُسۡلِمًا) کے ساتھ (حَنِیۡفًا) لایا گیا ہے تو اس میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کو شرک سے مبرّا کیا ہے اور اس کے ساتھ ان کی طرف انحراف اور کفر کی نسبت دینے کو بھی ناحق اور نادرست قرار دیا ہے۔

آیت ۶۸۔۶۹:

اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ ایمان کی نسبت رشتہ دری کی نسبت سے زیادہ قوی اور مضبوط ہے۔ جن افراد کی سوچ و فکر ایک ہو، ان کا ہدف اور راستہ ایک ہو تو وہ اپنےقوم قبیلہ والوں سے زیادہ آپس میں ایک دوسرے کے نزدیک ہوتے ہیں اور ان قوم قبیلہ والوں کے ساتھ ایسی قربت اور نزدیکی نہیں ہوتی جن کے ساتھ ان کا نظریہ اور مسلک میں اختلاف ہوتا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے ایک باوفا ساتھی سے فرمایا:(أَنْتُمْ وَاللّٰهِ مِنْ آلِ مُحَمَّدٍ) اللہ کی قسم!تم آل محمدﷺسے ہو۔ پھرآپ نے اس آیت کی تلاوت فرمائی۔ اس کامطلب یہ ہوا کہ جو حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے ہم فکر اور ان کے عقیدہ پر ہیں وہ آل محمد علیہم السلام میں شامل ہیں۔ رسول اللہﷺنے سلمان فارسی کے بارے میں فرمایا کہ سلمانؒ ہم اہل بیت سے ہے۔ اس آیت میں ہے کہ وہ افراد حضرت ابراہیم علیہ السلام کے زیادہ قریبی ہیں جو ان کی پیروی کرتے ہیں لیکن اس کے بعد پیغمبراسلامﷺاور مسلمانوں کا نام علیحدہ لیا گیا ہے تاکہ بتایا جائے کہ پیروی کا بہترین نمونہ حضرت محمدﷺہیں۔ تفسیر مجمع البیان میں ایک حدیث ہے(إِنَّ وَلِيَّ مُحَمَّدٍ مَنْ أَطَاعَ اَللَّهَ وَ إِنْ بَعُدَتْ لُحْمَتُهُ وَ إِنَّ عَدُوَّ مُحَمَّدٍ مَنْ عَصَى اللَّهَ وَ إِنْ قَرُبَتْ قَرَابَتُهُ)حضرت محمدﷺ کادوست اور طرف دار وہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی اطاعت کرتا ہے اگرچہ خون ’’نسب‘‘ کے اعتبار سے وہ آپ سے دور ہی کیوں نہ ہو اور حضرت محمدﷺ کا دشمن وہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرے اگرچہ وہ آپ کےقریبی رشتہ داروں سے ہی کیوں نہ ہو۔ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: اس آیت میں (الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا)سے آئمہ معصومین علیہم السلام اور ان کے پیروکار مراد ہیں۔ رہبر کے ساتھ عوام کا تعلق مکتبی اور نظریہ کی بنیاد ہے، یہ تعلق رشتہ داری، زبان یا قوم قبیلہ کی بنیاد پر نہیں (اِنَّ اَوۡلَی النَّاسِ بِاِبۡرٰہِیۡمَ لَلَّذِیۡنَ اتَّبَعُوۡہُ)۔ انبیاء کا قریبی ہونے کا معیار ان کی اطاعت کرنا ہے (اَوۡلَی النَّاسِ بِاِبۡرٰہِیۡمَ لَلَّذِیۡنَ اتَّبَعُوۡہُ)۔ پیغمبراسلامﷺ اور مسلمان حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ہم فکر اور ان کا ہدف اور مقصد ایک ہی ہے (اَوۡلَی النَّاسِ بِاِبۡرٰہِیۡمَ ۔۔۔ہٰذَا النَّبِیُّ)۔ دشمن کی طرف سے لاحق خطرات اور نقصانات سے امان میں رہنے کے لیے دشمن کی معرفت رکھنا اور اس کے منصوبوں سے آگہی ضروری ہے (وَدَّتۡ طَّآئِفَۃٌ ۔۔۔)۔ ثقافتی اور نظریاتی حملہ کا خطرہ حقیقی ہے (وَدَّتۡ طَّآئِفَۃٌ ۔۔۔)۔ مخالفین کےمنافقانہ بیانات پراعتماد نہ کرو، وہ دل سے تمہارے انحراف کو چاہتے ہیں (وَدَّتۡ طَّآئِفَۃٌ ۔۔۔)۔ فیصلہ کرنے میں انصاف کو مت بھولو، اہل کتاب کا ایک گروہ ایسا ہے جو یہ آرزو رکھتے ہیں کہ تم گمراہ ہوجاؤ ، سارے اہل کتاب کی یہ خواہش نہیں(وَدَّتۡ طَّآئِفَۃٌ مِّنۡ اَہۡلِ الۡکِتٰبِ)یہ نسبت سب کی طرف نہ دی جائے۔ ایسا کام کریں کہ آپ کا دشمن تمہارے انحراف کی آرزو اپنی قبر میں لے کر جائے،( لَوۡ) ان مقامات پر بولا جاتا ہے جو ناممکن ہیں ( لَوۡ یُضِلُّوۡنَکُمۡ)۔ دوسرے کے انحراف کی آرزو کرنا خود ایک بڑا اخلاقی انحراف ہے(وَدَّتۡ ۔۔۔وَ مَا یُضِلُّوۡنَ اِلَّاۤ اَنۡفُسَہُمۡ)۔

آیت ۷۰:

اس آیت کا ظاہر یہ ہے کہ اس میں ان بشارتوں کی جانب اشارہ کیا گیا ہے جو حضرت محمدﷺکی بعثت کےمتعلق تورات اور انجیل میں موجود تھیں اور اہل کتاب ان بشارتوں سے آگاہ تھے لیکن معاشرہ میں اپنے مفادات اور مقام و عہدہ بچانے کے لیےانہوں نے ان تمام بشارتوں کو نظر انداز کردیا۔ وجدان اور ضمیر سے سوال مخالفین کو دعوت دینے کے ذرائع سے ایک ہے (لِمَ تَکۡفُرُوۡنَ۔۔۔)۔ صرف علم حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ علم حاصل کرنے کے بعد قبول کرنا اور اس کے تقاضوں کو پورا کرنا بھی ضروری ہے (تَکۡفُرُوۡنَ ۔۔۔تَشۡہَدُوۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 71 تا 77
يَٰٓأَهۡلَ ٱلۡكِتَٰبِ لِمَ تَلۡبِسُونَ ٱلۡحَقَّ بِٱلۡبَٰطِلِ وَتَكۡتُمُونَ ٱلۡحَقَّ وَأَنتُمۡ تَعۡلَمُونَ ٧١ وَقَالَت طَّآئِفَةٞ مِّنۡ أَهۡلِ ٱلۡكِتَٰبِ ءَامِنُواْ بِٱلَّذِيٓ أُنزِلَ عَلَى ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَجۡهَ ٱلنَّهَارِ وَٱكۡفُرُوٓاْ ءَاخِرَهُۥ لَعَلَّهُمۡ يَرۡجِعُونَ ٧٢ وَلَا تُؤۡمِنُوٓاْ إِلَّا لِمَن تَبِعَ دِينَكُمۡ قُلۡ إِنَّ ٱلۡهُدَىٰ هُدَى ٱللَّهِ أَن يُؤۡتَىٰٓ أَحَدٞ مِّثۡلَ مَآ أُوتِيتُمۡ أَوۡ يُحَآجُّوكُمۡ عِندَ رَبِّكُمۡۗ قُلۡ إِنَّ ٱلۡفَضۡلَ بِيَدِ ٱللَّهِ يُؤۡتِيهِ مَن يَشَآءُۗ وَٱللَّهُ وَٰسِعٌ عَلِيمٞ ٧٣ يَخۡتَصُّ بِرَحۡمَتِهِۦ مَن يَشَآءُۗ وَٱللَّهُ ذُو ٱلۡفَضۡلِ ٱلۡعَظِيمِ ٧٤ ۞ وَمِنۡ أَهۡلِ ٱلۡكِتَٰبِ مَنۡ إِن تَأۡمَنۡهُ بِقِنطَارٖ يُؤَدِّهِۦٓ إِلَيۡكَ وَمِنۡهُم مَّنۡ إِن تَأۡمَنۡهُ بِدِينَارٖ لَّا يُؤَدِّهِۦٓ إِلَيۡكَ إِلَّا مَا دُمۡتَ عَلَيۡهِ قَآئِمٗاۗ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمۡ قَالُواْ لَيۡسَ عَلَيۡنَا فِي ٱلۡأُمِّيِّـۧنَ سَبِيلٞ وَيَقُولُونَ عَلَى ٱللَّهِ ٱلۡكَذِبَ وَهُمۡ يَعۡلَمُونَ ٧٥ بَلَىٰۚ مَنۡ أَوۡفَىٰ بِعَهۡدِهِۦ وَٱتَّقَىٰ فَإِنَّ ٱللَّهَ يُحِبُّ ٱلۡمُتَّقِينَ ٧٦ إِنَّ ٱلَّذِينَ يَشۡتَرُونَ بِعَهۡدِ ٱللَّهِ وَأَيۡمَٰنِهِمۡ ثَمَنٗا قَلِيلًا أُوْلَٰٓئِكَ لَا خَلَٰقَ لَهُمۡ فِي ٱلۡأٓخِرَةِ وَلَا يُكَلِّمُهُمُ ٱللَّهُ وَلَا يَنظُرُ إِلَيۡهِمۡ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِ وَلَا يُزَكِّيهِمۡ وَلَهُمۡ عَذَابٌ أَلِيمٞ ٧٧
ترجمہ
اے اہل کتاب!تم حق کو باطل کے ساتھ ملاتے کیوں ہو؟ اور حقیقت کو کیوں چھپا رہے ہو جبکہ تم خود اس سے آگاہ ہو۔(۷۱) اہل کتاب کی ایک جماعت (یہودیوں) نے کہا : جو کچھ مومنوں پر نازل ہوا ہے دن کے شروع میں اس پر ایمان لے آؤ اور دن کے آخر میں اس کے انکاری ہوجاؤ ہو سکتا ہے تم اس طرح انہیں اسلام سے باہر لاسکو۔(۷۲) تم صرف اس پر ایمان لے آؤ جو تمہارے آئین کی پیروی کرے (اے پیغمبر! ان سے) کہہ دو: سعادت کا راستہ وہی ہے جسے اللہ بیان کرے، اس میں کوئی حرج نہیں کہ جو شئے (کتاب و شریعت) تمہیں ملی ہے ویسی ہی چیز دوسروں کو دی جائے تاکہ پروردگار کے ہاں تمہارے ساتھ بحث و گفتگو کریں، فضل اللہ کے ہاتھ میں ہے وہ جسے چاہے عطا کرتا ہے، اللہ وسعت دینے والا دانا ہے۔(۷۳) جسے وہ چاہے خصوصی رحمت سے نوازتا ہے، اللہ تو بڑا فضل والا ہے۔(۷۴) اہل کتاب میں سے کچھ ایسے ہیں کہ اگر تم بہت زیادہ مال ان کے پاس امانت کے طور پر رکھو کہ وہ اس امانت کو تمہیں واپس لوٹا دیں تو وہ آپ کو واپس دے دیں گے اور ان میں سے بعض ایسے ہیں کہ اگر انہیں ایک دینار دیں کہ وہ تمہیں واپس لوٹا دیں تو وہ واپس نہیں لوٹائیں گے مگر یہ کہ اس سے واپس لینے کے لیے اس کے سر پر کھڑے رہو، یہ اس لحاظ سے ہے کہ انہوں نے کہہ رکھا ہے کہ ناخواندہ (غیر یہودیوں)کے ساتھ ہم جو کچھ کریں تو ہمارے اوپر کوئی گناہ نہیں ہے جبکہ وہ جانتے ہوئے اللہ پر جھوٹ باندھ رہے ہیں۔(۷۵) جی ہاں! جو اپنے وعدہ کو پورا کرے اور تقویٰ اختیار کرے تو بلا شک اللہ اہل تقویٰ کو دوست رکھتا ہے۔(۷۶) جو لوگ اللہ کے ساتھ باندھے عہد و پیمان اور قسموں کو معمولی قیمت کے بدلے بیچ دیتے ہیں ان کے لیے آخرت میں کچھ نصیب نہ ہوگا، اللہ قیامت کے دن ان سے بات نہ کرے گا اور ان پر نظر (رحمت) نہیں فرمائے گا اور انہیں پاک نہ کرے گا اور ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔(۷۷)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۷۱:

امام جعفر صادق علیہ السلام نے (وَ اَنۡتُمۡ تَشۡہَدُوۡنَ)کے بارے فرمایا:اس سے مراد یہ ہے کہ اہل کتاب تورات میں ذکر شدہ پیغمبراسلامﷺ کے اوصاف سے آگاہ ہیں لیکن وہ انہیں چھپاتے ہیں۔ تحریف کرنے والوں کی بڑی تعداد ان کی ہے جو خود کو اسلام شناس، شرق شناس، مورخ اور عالمی امور کے ماہر کہتے ہیں۔ انہوں نے اپنی کتابوں میں جگہوں کے تعارف، تاریخی حوالے اور زمانوں کے بارے میں غلط معلومات دی ہیں اور اپنے دائرۃ المعارف میں اسلام کا ایسا چہرہ پیش کیا ہے کہ اس کو پڑھنے والا اسلامی عقائد پر ایمان لانے کاسوچ بھی نہیں سکتا ۔ بات کو خلط ملط کرنا اور حق کو چھپانا دشمن کے دو طاقتور ہتھیار ہیں جن کے ذریعہ وہ مومنوں کے درمیان انحراف پیدا کرتے ہیں۔ پچھلی دو آیات میں (یُضِلُّوۡنَکُمۡ۔۔۔) آیا ہے اور اس آیت میں (تَلۡبِسُوۡنَ، تَکۡتُمُوۡنَ) آیا ہے۔ حق کو چھپانا حرام ہے اور اسے بیان کرنا واجب و ضروری ہے(تَکۡتُمُوۡنَ الۡحَقَّ۔۔۔)۔

آیت ۷۲:

بارہ یہودیوں نے فیصلہ کیا کہ مسلمانوں کے عقائد میں بے یقینی کی کیفیت پیدا کرنے کے لیے صبح کے وقت حضرت محمدﷺ کے پاس جاکر ایمان کا اظہار کریں اور اسی دن شام کے وقت اسلام سے منہ موڑنے کا اعلان کریں اور کہیں کہ ہم نے محمدﷺ کے آئین کو دیکھا لیکن جو کچھ تورات اور انجیل میں ان کے بارے میں آیا ہے وہ اس کے مطابق نہیں۔ انہوں نے ایک ماہرانہ منصوبہ بندی سے یہ چاہا کہ مسلمانوں کے عقائد میں شک و تردید پیدا کریں اور باقی یہودیوں کو مسلمان ہونے سے روکیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس آیت کے نزول سے ان کے منصوبہ کو برملا کردیا۔ دین اسلام کے مخالفین مسلمانوں کے انحراف کے لیے منصوبہ بندی کررہے تھے۔ آیت ۶۹ میں آیا ہے کہ اہل کتاب یہ پسند کرتے ہیں کہ تمہیں منحرف کریں۔ اس آیت میں اس مقصد تک پہنچنے کے لیے ان کے منصوبہ کو برملا کردیا ہے(یُضِلُّوۡنَکُمۡ۔۔۔ قَالَتۡ طَّآئِفَۃٌ)۔ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ ایک جماعت اسلام کے نام سے مسلمانوں میں اثر و رسوخ قائم کرتی ہے تاکہ پیچھے سے خنجر گھونپ دیں لہذا ایسے افراد سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے (اٰمَنُوۡا۔۔۔وَ اکۡفُرُوۡۤا۔۔۔)۔ مسلمانوں کو سادہ لوح نہیں ہونا چاہیے اور دوسروں کی باتوں پر جلد یقین نہیں کرلینا چاہیے، فوراً کسی کے ایمان ظاہر کرنے پر اعتماد نہ کریں (اٰمَنُوۡا وَجۡہَ النَّہَارِ وَ اکۡفُرُوۡۤا اٰخِرَہٗ)۔ اللہ تعالیٰ حساس مراحل میں دشمنوں کی سازشوں اور خفیہ منصوبہ بندیوں سے پردہ اٹھا دیتا ہے (اٰمَنُوۡا ۔۔۔ وَ اکۡفُرُوۡۤا)۔ مومن کو ایمان کے ایسے مرحلے پر ہونا چاہیے کہ کچھ مسلمانوں کے دین سے پھیر جانے یا دین کے بارے شک میں پڑ جانے کی وجہ سے اس کا ایمان کمزور نہ پڑ جائے (وَ اکۡفُرُوۡۤا اٰخِرَہٗ لَعَلَّہُمۡ یَرۡجِعُوۡنَ)۔ دشمن کی سیاسی چالوں میں سے ایک یہ ہوتی ہے کہ وہ مسلمانوں سے تعلق قائم کرنے کے بعد اس تعلق کو ختم کردیتے ہیں تاکہ اسلامی معاشرہ میں شک و تردید پیداکریں (لَعَلَّہُمۡ یَرۡجِعُوۡنَ)۔

آیت ۷۳:

اہل کتاب یہودیوں کے اسلام کی طرف مائل ہونے سے پریشان تھے۔ اس لیے وہ اس راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے لیے مختلف پروپیگنڈے کیا کرتے تھے (لَا تُؤۡمِنُوۡۤا اِلَّا لِمَنۡ تَبِعَ دِیۡنَکُمۡ)۔ الٰہی ہدایت پوری تاریخ میں تسلسل کے ساتھ جاری رہنے والا عمل رہا ہے، اس کا کسی خاص قوم سے تعلق نہیں (اِنَّ الۡہُدٰی ہُدَی اللّٰہِ)۔ تعصب اور خود کو دوسروں سے برتر خیال کرنا، دینداری کی آفات سے ایک آفت ہے (اِلَّا لِمَنۡ تَبِعَ دِیۡنَکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کے الطاف اور مہربانیاں کسی خاص گروہ سے مخصوص نہیں، وہ جسے چاہے نبوت، فضل اور ہدایت دیتا ہے (اِنَّ الۡفَضۡلَ بِیَدِ اللّٰہِ)۔ اللہ تعالیٰ کی جانب سے پیغمبروں کا انتخاب اس کے علم کی بنیاد پر ہے (وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۷۴:

اس آیت میں یہودیوں کے اس تصور کی نفی کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ یہودیوں کے علاوہ کسی اور کو اپنا فضل عطا نہیں کرتا۔ آیت میں بتایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے کہ اپنی رسالت کا عہدہ کسے دے، وہ اپنے علم و حکمت کے تحت لائق ترین افراد کا انتخاب کرتا ہے اور اس پر اپنا خاص لطف فرماتا ہے۔

آیت ۷۵:

احادیث میں آیا ہے کہ امانت کو اس کے مالک کو لوٹا دو، اگرچہ وہ فاسق ہی کیوں نہ ہو۔ اپنے مخالفوں کے ساتھ بھی انصاف کرو اور سب کو خائن نہ سمجھو (مِنۡ اَہۡلِ الۡکِتٰبِ۔۔۔یُؤَدِّہٖۤ اِلَیۡکَ)۔ افراد کو پرکھنے کا معیار ان کی امانتداری ہے (یُؤَدِّہٖۤ ۔۔۔ لَا یُؤَدِّہٖۤ)۔ اخلاقی اقدار دائمی ہوتے ہیں، امانت کی حفاظت سب کے ہاں اچھی بات ہے اور خیانت سب کے ہاں ناپسندیدہ عمل ہے۔امانت واپس کرنا قدر ہے اگرچہ وہ مخالفین کی ہی کیوں نہ ہو (یُؤَدِّہٖۤ ۔۔۔ لَا یُؤَدِّہٖۤ)۔ حق لینے کے لیے قیام اور استقامت ضروری ہے (لَا یُؤَدِّہٖۤ اِلَیۡکَ اِلَّا مَادُمۡتَ عَلَیۡہِ قَآئِمًا)۔ استحصال’’حق تلفی‘‘، استحمار’’بے وقوف بنانا‘‘ اور قوم پرستی ممنوع اور مردود ہے (لَیۡسَ عَلَیۡنَا فِی الۡاُمِّیّٖنَ سَبِیۡلٌ)۔ یہودی اور عیسائی خود کو دانشمند اور علما سمجھتے تھے اور مسلمانوں کو ان پڑھ اور جاہل خیال کرتے تھے (لَیۡسَ عَلَیۡنَا فِی الۡاُمِّیّٖنَ سَبِیۡلٌ)۔ گناہ سے زیادہ بری بات گناہ کے لیے جواز پیش کرنا ہے، اہل کتاب لوگوں کے اموال کو ناحق ہڑپ کرتے تھے اور کہتے تھے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اس عمل سے راضی ہے (یَقُوۡلُوۡنَ عَلَی اللّٰہِ الۡکَذِبَ )۔

آیت ۷۶:

درج ذیل تمام امور میں عہد و پیمان کو پورا کرنا ضروری ہے: الف: وہ عہد و پیمان جو اللہ تعالیٰ نے فطرت کے تحت یا انبیاء کے توسط سے انسان سے لیا ہے (اَلَمۡ اَعۡہَدۡ اِلَیۡکُمۡ یٰبَنِیۡۤ اٰدَمَ)’’یٰسین، ۶۰‘‘۔ ب: وہ عہد وپیمان جوا نسان اللہ تعالیٰ سے باندھتا ہے (وَ مِنۡہُمۡ مَّنۡ عٰہَدَ اللّٰہَ لَئِنۡ اٰتٰىنَا مِنۡ فَضۡلِہٖ) ’’توبہ، ۷۵‘‘۔ ج: وہ عہد و پیمان جو انسان دوسرے لوگوں سے باندھتا ہے (وَ الۡمُوۡفُوۡنَ بِعَہۡدِہِمۡ اِذَا عٰہَدُوۡا) ’’بقرہ، ۱۷۷‘‘۔ د: رہبر کا امت سے عہد و پیمان اور امت کا رہبر کے ساتھ عہد و پیمان (اَلَّذِیۡنَ عٰہَدۡتَّ مِنۡہُمۡ ثُمَّ یَنۡقُضُوۡنَ عَہۡدَہُمۡ)’’انفال، ۵۶‘‘۔ تقویٰ انسان کو اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے اور لوگوں کے حق کو ضائع کرنے سے روکتا ہے (یَقُوۡلُوۡنَ ۔۔۔الۡکَذِبَ۔۔۔بَلٰی مَنۡ اَوۡفٰی بِعَہۡدِہٖ وَ اتَّقٰی)۔ صرف نعرہ لگانا کارساز نہیں بلکہ عمل اور تقویٰ ضروری ہے (اَوۡفٰی بِعَہۡدِہٖ وَ اتَّقٰی)۔ عہد و پیمان سے وفاداری تقویٰ کی نشانیوں سے ہے (اَوۡفٰی بِعَہۡدِہٖ وَ اتَّقٰی)۔ عہد و پیمان سے وفاداری اور تقویٰ محبوبیت کا معیار ہے، عالم یا اہل کتاب ہونا محبوبیت کا سبب نہیں (یُحِبُّ الۡمُتَّقِیۡنَ)۔

آیت ۷۷:

عہد شکنی کرنے والوں کو پانچ قسم کے عذاب سے خبردار کیا گیا ہے:۱۔آخرت کا خسارہ، ۲۔اللہ تعالیٰ کی نظر رحمت سے محروم ہونا، ۳۔ لطف الٰہی سے محروم ہونا، ۴۔ گناہوں سے پاک ہونے سے محروم ہونا، ۵۔ دردناک عذاب۔ رسول اللہﷺنے فرمایا: (لَا إِيمَانَ لِمَنْ لاَ أَمَانَةَ لَهُ وَ لَا دِينَ لِمَنْ لَا عَهْدَ لَهُ)جو شخص امانت کا خیال نہیں رکھتا اس کا ایمان کامل نہیں، جو شخص عہد کی پابندی نہیں کرتا اس کا دین کامل نہیں۔ جن پر اللہ تعالیٰ کا سلام ہے (سَلٰمٌ ۟ قَوۡلًا مِّنۡ رَّبٍّ رَّحِیۡمٍ)’’یٰسین، ۵۸‘‘ ان کا ان لوگوں سے موازنہ کریں جن سے اللہ تعالیٰ بات بھی نہیں کرےگا (لَا یُکَلِّمُہُمُ اللّٰہُ)۔ پیغمبراسلامﷺ نے فرمایا: جو شخص قسم اٹھا کر اپنے بھائی کا مال کھائے اس پر اللہ کا غضب ہے، پھر آپ نے اس آیت کی تلاوت فرمائی۔ حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا: قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کی نگاہ(لَا یَنۡظُرُ اِلَیۡہِمۡ)سے نگاہ رحمت اور نظر کرم مراد ہے، آنکھ سے دیکھنا مراد نہیں۔ دین بیچنے کے لیے جھوٹی قسم کھاناقیامت کے دن رحمت الٰہی سے محروم رہنے کا سبب بنے گا (یَشۡتَرُوۡنَ ۔۔۔اَیۡمَانِہِمۡ)۔ عہد و پیمان توڑنے کا ب بنیادی سبب دنیا پرستی ہے (ثَمَنًا)۔ قیامت کے دن دی جانے والی سزا ہمارے اعمال سے مناسبت رکھتی ہے، دنیا میں اللہ تعالیٰ کے عہد و پیمان سے لاپرواہی سبب بنے گی کہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں سے بے پروا ہوگا (لَا یُکَلِّمُہُمُ، لَا یَنۡظُرُ اِلَیۡہِمۡ، لَا یُزَکِّیۡہِمۡ)۔ اخروی عذاب روحانی بھی ہوگا(لَا یُکَلِّمُہُمُ اللّٰہُ) اور جسمانی بھی(وَ لَہُمۡ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 78 تا 83
وَإِنَّ مِنۡهُمۡ لَفَرِيقٗا يَلۡوُۥنَ أَلۡسِنَتَهُم بِٱلۡكِتَٰبِ لِتَحۡسَبُوهُ مِنَ ٱلۡكِتَٰبِ وَمَا هُوَ مِنَ ٱلۡكِتَٰبِ وَيَقُولُونَ هُوَ مِنۡ عِندِ ٱللَّهِ وَمَا هُوَ مِنۡ عِندِ ٱللَّهِۖ وَيَقُولُونَ عَلَى ٱللَّهِ ٱلۡكَذِبَ وَهُمۡ يَعۡلَمُونَ ٧٨ مَا كَانَ لِبَشَرٍ أَن يُؤۡتِيَهُ ٱللَّهُ ٱلۡكِتَٰبَ وَٱلۡحُكۡمَ وَٱلنُّبُوَّةَ ثُمَّ يَقُولَ لِلنَّاسِ كُونُواْ عِبَادٗا لِّي مِن دُونِ ٱللَّهِ وَلَٰكِن كُونُواْ رَبَّٰنِيِّـۧنَ بِمَا كُنتُمۡ تُعَلِّمُونَ ٱلۡكِتَٰبَ وَبِمَا كُنتُمۡ تَدۡرُسُونَ ٧٩ وَلَا يَأۡمُرَكُمۡ أَن تَتَّخِذُواْ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةَ وَٱلنَّبِيِّـۧنَ أَرۡبَابًاۚ أَيَأۡمُرُكُم بِٱلۡكُفۡرِ بَعۡدَ إِذۡ أَنتُم مُّسۡلِمُونَ ٨٠ وَإِذۡ أَخَذَ ٱللَّهُ مِيثَٰقَ ٱلنَّبِيِّـۧنَ لَمَآ ءَاتَيۡتُكُم مِّن كِتَٰبٖ وَحِكۡمَةٖ ثُمَّ جَآءَكُمۡ رَسُولٞ مُّصَدِّقٞ لِّمَا مَعَكُمۡ لَتُؤۡمِنُنَّ بِهِۦ وَلَتَنصُرُنَّهُۥۚ قَالَ ءَأَقۡرَرۡتُمۡ وَأَخَذۡتُمۡ عَلَىٰ ذَٰلِكُمۡ إِصۡرِيۖ قَالُوٓاْ أَقۡرَرۡنَاۚ قَالَ فَٱشۡهَدُواْ وَأَنَا۠ مَعَكُم مِّنَ ٱلشَّٰهِدِينَ ٨١ فَمَن تَوَلَّىٰ بَعۡدَ ذَٰلِكَ فَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡفَٰسِقُونَ ٨٢ أَفَغَيۡرَ دِينِ ٱللَّهِ يَبۡغُونَ وَلَهُۥٓ أَسۡلَمَ مَن فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ طَوۡعٗا وَكَرۡهٗا وَإِلَيۡهِ يُرۡجَعُونَ ٨
ترجمہ
اور ان(اہل کتاب) کی ایک جماعت ایسی بھی ہے جو کتاب پڑھتے ہوئے اپنی زبان کو اس طرح پھیرتے ہیں کہ تم یہ خیال کرو کہ یہ(آسمانی( کتاب کا حصہ ہے جبکہ وہ کتاب کا حصہ نہیں ہے اور وہ کہتے ہیں: یہ اللہ کی طرف سے ہے جبکہ یہ اللہ کی جانب سے نہیں،وہ جان بوجھ کر اللہ پر جھوٹ باندھتے ہیں۔(۷۸) کسی انسان کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ اللہ اسے کتاب، حکم اور نبوت دے اور وہ لوگوں سے یہ کہے کہ تم اللہ کی بجائے میرے بندے بن جاؤ، (بلکہ وہ یہ کہے گا کہ) تم اس بنا پر کہ اللہ کی کتاب کی تعلیم و تدریس میں سابقہ رکھتے ہو خدا پرست بنو۔(۷۹) اللہ تمہیں یہ فرمان نہیں دیتا کہ تم فرشتوں اور پیغمبروں کو رب کے عنوان سے انتخاب کرو، کیا یہ ممکن ہے کہ اللہ کے سامنے تسلیم ہونے کے بعد وہ تمہیں کفر کا فرمان دے؟(۸۰) اس بات کو یاد کرو جب اللہ نے پیغمبروں اور ان کے پیروکاروں سے یہ پیمان لیا کہ جب میں تمہیں کتاب اور حکمت دوں پھر ایک پیغمبر ان نشانیوں کے ساتھ تمہارے پاس آئے جو تمہارے پاس موجود ہیں تو تم اس پر ایمان لے آؤ، اس کی مدد کرو، پھر اللہ نے فرمایا: کیا تم اس کا اقرار کرتے اور میرے اس پیمان کے بھاری بوجھ کو اپنے کاندھے پر لیتے ہو؟ سب نے جواب دیا: جی ہاں! ہم نے اس کا اقرار کیا ہے، تو اللہ نے فرمایا: تم خود اس بات کے گواہ رہنا، میں بھی تمہارے ہمراہ گواہوں سے ہوں۔(۸۱) لہذا اس کے بعد جو بھی اس مضبوط پیمان باندھنے کے بعد منہ موڑ لے تو وہ فاسق ہے۔(۸۲) تو کیا وہ لوگ اللہ کے دین کے علاوہ کوئی دین چاہتے ہیں؟ جبکہ جو بھی آسمانوں اور زمین پر ہے چاہتے ہوئے یا نہ چاہتے ہوئے اللہ کے سامنے تسلیم ہے اور اسی کی طرف انہیں پلٹایا جائے گا۔(۸۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۷۸:

اس آیت کی بنیاد پر بے تقویٰ علماء کے گناہوں کی سزا دوسروں کی بہ نسبت کئی گنا زیادہ ہے: الف: اس وجہ سے کہ لوگ ان کی وجہ سے غلطی کا شکار ہوتے ہیں (لِتَحۡسَبُوۡہُ مِنَ الۡکِتٰبِ)۔ ب: اللہ تعالٰی پر جھوٹ باندھتے ہیں(ہُوَ مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ)۔ ج:وہ جان بوجھ کر اور علم و آگہی کے ساتھ گناہ انجام دیتے ہیں(وَ ہُمۡ یَعۡلَمُوۡنَ)۔ فیصلہ دینے میں انصاف ہونا چاہیے، سب کو ایک نظر سے نہ دیکھا جائے (وَ اِنَّ مِنۡہُمۡ لَفَرِیۡقًا۔۔۔)۔ عوام کو دھوکہ دینا علما اور دانشمندوں کے گناہوں سے ہے (یَلۡوٗنَ اَلۡسِنَتَہُمۡ)۔ گمراہ کرنے والے افراد دوسروں کو گمراہ کرنے کے لیے مذہبی مقدسات کو دستاویز بناتے ہیں (بِالۡکِتٰبِ)۔ دشمن کے ثقافتی حربوں میں سے ایک غلط اور صحیح کو ملا کر پیش کرنا ہے (لِتَحۡسَبُوۡہُ مِنَ الۡکِتٰبِ)۔

آیت ۷۹:

پیغمبروں کا دوسروں پر امتیاز یہ ہوتا ہے کہ جس قدر ان کے ساتھیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے اور ان کی قدرت بڑھتی ہے تو وہ اتنی مقدار میں لوگوں کو اللہ تعالٰی کی عبادت کے لیے زیادہ دعوت دیتے ہیں اور انہیں زیادہ خبردار رکھتے ہیں جبکہ دوسرے افراد کام کے آغاز میں تقدس کا لباس اوڑھ کر آتے ہیں، مقدس چہرہ پیش کرتے ہیں، ہمدردانہ باتیں کرتے ہیں لیکن جب قدرت حاصل کرلیتے ہیں تو ظلم و استبداد پر اتر آتے ہیں۔ (رَبّٰانِیّٖنَ)ربانی کی جمع ہے اور ربانی اسے کہا جاتا ہے جس کا تعلق اللہ تعالیٰ کے ساتھ بہت ہی مضبوط اور گہرا ہو اور وہ دوسروں کی اصلاح کی سعی کرتا ہو۔ رسول خداﷺنے فرمایا: دو گروہ ہلاک ہوئے: ۱۔افراط کرنے والے پیروکار جو ہمیں بشریت کی حدود سے اوپر لے جائیں۔ ۲۔ بے انصاف دشمن جنہوں نے میری پیغمبری کو قبول نہ کیا، میں ان دونوں گروہوں سے لا تعلق اور بیزار ہوں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے بھی اپنے پیروکاروں کو ان دونوں باتوں سے خبردار کیا اور حضرت علی علیہ السلام نے بھی اسی قسم کی بات کہی۔ رسول اللہﷺنے فرمایا: کوئی بھی مسلمان ایسا نہیں چاہے وہ مرد ہو یا عورت، آزاد ہو یا غلام مگر یہ کہ اس کی گردن پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے واجب حق موجود ہے اور وہ یہ ہے کہ وہ قرآن کو مکمل پڑھے اور اس میں غور و فکر کرے۔ اپنے مقام و مرتبے اور عہدہ و منصب اور محبوبیت سے غلط استفادہ نہ کریں (مَا کَانَ لِبَشَرٍ)۔ کسی انسان پر کتاب کا نازل ہونا اور حکمت و نبوت ملنا اسے بشر ہونے سے نہیں نکالتا (مَا کَانَ لِبَشَرٍ)۔ انبیاء کا ہدف فقط انسان کو شرک سے نجات دینا نہیں بلکہ اسے رشد و رہنمائی دینا بھی ہے تاکہ اسے ربانی بنادے (کُوۡنُوۡا رَبّٰنِیّٖنَ)۔ ربانی ہونے کا راستہ علم دین اور آسمانی کتاب کی تعلیم حاصل کرنا ہے، تصوف، چلہ کاٹنا اور معاشرہ سے الگ تھلگ ہوکر رہنے میں نہیں (رَبّٰنِیّٖنَ بِمَا کُنۡتُمۡ تُعَلِّمُوۡنَ الۡکِتٰبَ۔۔۔)۔ اگر تعلیم و تعلم، درس پڑھنا اور پڑھانا انسان کو ربانی نہ بنائے تو جان لو کہ وہ علم حقیقت میں علم نہیں (رَبّٰنِیّٖنَ بِمَا کُنۡتُمۡ تُعَلِّمُوۡنَ)۔ علماء ربانی ہی قرآن مجید کے حقیقی مفسرین ہیں (کُنۡتُمۡ تُعَلِّمُوۡنَ الۡکِتٰبَ وَ بِمَا کُنۡتُمۡ تَدۡرُسُوۡنَ)۔ آسمانی کتابوں کی تعلیم و تدریس مسلسل، باقاعدگی سے اور ہمیشہ جاری رہے(کُنۡتُمۡ تُعَلِّمُوۡنَ۔۔۔ تَدۡرُسُوۡنَ) فعل مضارع ہے جو استمرار اور تسلسل کا معنی دیتا ہے۔ معلمی انبیاء کا پیشہ ہے (تُعَلِّمُوۡنَ الۡکِتٰبَ)۔

آیت ۸۰:

کفر فقط اللہ تعالیٰ کا انکار نہیں بلکہ کسی کو رب بنانا اور اسے مستقل سمجھنا بھی کفر ہے (تَتَّخِذُوا الۡمَلٰٓئِکَۃَ وَ النَّبِیّٖنَ اَرۡبَابًا ؕ اَیَاۡمُرُکُمۡ بِالۡکُفۡرِ)۔

آیت ۸۱:

حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے سابقہ انبیاء سے یہ عہد لیا کہ لوگوں کو پیغمبر اسلامﷺ کی بعثت اور ان کی صفات بارے بشارت دیں اور انہیں حکم دیں کہ وہ ان کی تصدیق کریں۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا کہ (جَآءَکُمۡ رَسُوۡلٌ مُّصَدِّقٌ)سے پیغمبراسلامﷺمراد ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے تسلیم ہونا اہمیت رکھتا ہے اگرچہ عمل کا میدان نہ بھی ہو جیسے شہید ہونا ایک امر ہے لیکن شہادت کے لیے آمادگی دوسرا مسئلہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مرضی نہیں تھی کہ اسماعیل علیہ السلام کا خون بہایا جائے اور وہ قربان ہوں۔ لیکن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اللہ تعالیٰ کے حکم کی بجا آوری میں مکمل آمادگی کہ وہ اپنے بیٹے کو قربان کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے بے چوں و چرا آمادہ ہوگئے۔ ممکن ہے ہم امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور کے دور کو نہ پا سکیں لیکن آپ کے ظہور کا انتظار اور آپ کے ظہور کے زمانہ کے لیے مکمل آمادگی اہم ہے۔ یہ ایسا مسئلہ ہے جو دسیوں آیات اور سینکڑوں احادیث میں بیان ہوا ہے۔ سابقہ پیغمبروں نے اگرچہ پیغمبراسلامﷺکے زمانہ کو نہ پایا لیکن وہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے تسلیم تھے اور اسے پورا کرنے پر بالکل آمادہ تھے اور ان کی یہ آرزو تھی کہ وہ آپ کے مددگار بنیں (لَتُؤۡمِنُنَّ بِہٖ وَ لَتَنۡصُرُنَّہٗ)۔ الٰہی نظام میں ذمہ داریوں کو تفویض کرنے کا تقاضا عہدو پیمان اور وعدوں کو پورا کرنا ہے(اَخَذَ اللّٰہُ مِیۡثَاقَ النَّبِیّٖنَ)۔ جہاں پر بھی ذمہ داری کی انجام دہی دشوار ہو تو وہاں پر ذمہ داری لینے والے سے اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے کا عہد و پیمان لیا جائے۔ کسی معاشرہ میں رائج روایت اور رسم و رواج کا خاتمہ اور اس کی جگہ نیا آئین اور رسم و رواج لانے والے شخص پر ایمان لے آنا اور اس کی حمایت کرنا آسان کام نہیں ہوتا اس لیے اللہ تعالٰی نے بہت ہی سخت اور پورے اہتمام کے ساتھ عہد و پیمان لیا ہے (اَخَذَ اللّٰہُ مِیۡثَاقَ۔۔۔)۔ پیغمبراسلامﷺ کا آنا حتمی اور یقینی تھا۔ اسی لیے تمام انبیاء سے عہد وپیمان لیا گیا (مِیۡثَاقَ النَّبِیّٖنَ ۔۔۔جَآءَکُمۡ رَسُوۡلٌ)۔ نبوت وحدت کا ذریعہ ہے،تفرقہ اور انتشار کا سبب نہیں (رَسُوۡلٌ مُّصَدِّقٌ لِّمَا مَعَکُمۡ لَتُؤۡمِنُنَّ بِہٖ)۔ انبیاء کا ہدف مشترک ہے، پہلے والے انبیاء بعد میں آنے والے انبیاء کے آنے کی بشارت دیتے تھے اور بعد میں آنے والے انبیاء پہلے آنے والے انبیاء کی تصدیق کرتے تھے (مُصَدِّقٌ لِّمَا مَعَکُمۡ لَتُؤۡمِنُنَّ)۔ پرانے افراد نئے آنے والوں کو ویلکم کریں، لوگوں کے لیے ان کا تعارف کروائیں اور بعد میں آنے والوں کے لیے ہدایت و رہنمائی کا ماحول بنائیں (لَتُؤۡمِنُنَّ۔۔۔لَتَنۡصُرُنَّہٗ)۔ صرف پیغمبر پرایمان لانا کافی نہیں ہے بلکہ اس کی مدد اور حمایت کرنا بھی ضروری ہے (لَتُؤۡمِنُنَّ بِہٖ وَ لَتَنۡصُرُنَّہٗ)۔ انبیاء کے مختلف مراتب اور درجات ہیں، خاتم النبیین سب سے اشرف اور افضل ہیں اس لیے سب انبیاء پر ضروری ہے کہ وہ اس پر ایمان لائیں اور ان کی حمایت کریں (لَتُؤۡمِنُنَّ بِہٖ وَ لَتَنۡصُرُنَّہٗ)۔ جب سابقہ انبیاء پر لازم ہے کہ وہ پیغمبراسلامﷺپر ایمان لے آئیں اور ان کی اطاعت و پیروی کریں تو آنحضرتﷺکے پیروکاروں پر بطریق اولی لازم ہے کہ وہ ان پر ایمان لائیں اور ان کی اطاعت کریں (لَتُؤۡمِنُنَّ بِہٖ وَ لَتَنۡصُرُنَّہٗ)۔ اس حمایت کی قدر ہے جو ایمان کی بنیاد پر ہو (لَتُؤۡمِنُنَّ بِہٖ وَ لَتَنۡصُرُنَّہٗ)۔

آیت ۸۲:

عہد و پیمان توڑنے والا فاسق ہے (فَمَنۡ تَوَلّٰی۔۔۔ہُمُ الۡفٰسِقُوۡنَ)۔

آیت ۸۳:

آسمان اور زمین والے سب اللہ تعالیٰ کے آگے تسلیم ہیں۔ اگر وہ عام حالات میں اس تسلیم ہونے کو چھپا بھی لیں تو جب خطرات لاحق ہوں تو وہ اسے چھپا نہیں سکتے بلکہ وہ ایسے حالات میں سچے دل سے اللہ تعالیٰ کے سامنے سرتسلیم خم کر لیتے ہیں۔ حقیقی مومنین وہ ہیں جو ہر حالت میں میل اور رغبت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے سامنے تسلیم ہوتے ہیں۔ لیکن دوسرے لوگ خطرات کے وقت یا موت کے موقع پر یا جنگ میں شکست کھانے کی صورت میں یا دلیل کمزور ہونے کی صورت میں اللہ تعالیٰ کے سامنے تسلیم ہوتے ہیں۔ کائنات کے چھوٹے ذرہ سے لے کر بڑے بڑے کہکشاں اور ستارے سب اللہ تعالیٰ کےسامنے تسلیم ہیں اور وہ سب اس قانون کے تابع ہیں جسے اللہ تعالیٰ نے ان پر لاگو کیا ہے، اللہ تعالیٰ کسی بھی وقت اس قانون کو بدل سکتا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے اس آیت کے متعلق فرمایا: جس وقت حضرت قائم علیہ السلام قیام کریں گے تو دنیا کے ہر گوشے سے (لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللّٰهِ) کی صدا آئے گی اور سب شہادتین کی گواہی دیں گے۔ پیغمبراسلامﷺنے فرمایا: (مَنۡ فِی السَّمٰوٰتِ)سے فرشتے مراد ہیں۔ غیر خدا کے راستے کا انتخاب نظام موجودات سے مناسبت نہیں رکھتا(اَفَغَیۡرَ دِیۡنِ اللّٰہِ یَبۡغُوۡنَ وَ لَہٗۤ اَسۡلَمَ)۔ دین حقیقت میں تسلیم ہونے کا نام ہے (اَفَغَیۡرَ دِیۡنِ اللّٰہِ یَبۡغُوۡنَ وَ لَہٗۤ اَسۡلَمَ)۔ انسان ہمیشہ راستہ اور روش کی جستجو میں ہوتا ہے، مکتب اور دین کی خواہش اس کی فطرت میں شامل ہے (یَبۡغُوۡنَ)۔ اگر پوری کائنات اللہ تعالیٰ کے سامنے تسلیم ہے تو ہم اس کے سامنے تسلیم کیوں نہ ہوں؟(لَہٗۤ اَسۡلَمَ مَنۡ فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ)۔ اگر ہم نے اللہ تعالیٰ ہی کی طرف پلٹ کر جاناہے تو شروع سے ہی اس کی جانب کیوں نہ جائیں؟(اِلَیۡہِ یُرۡجَعُوۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 3
آیت 84 تا 91
قُلۡ ءَامَنَّا بِٱللَّهِ وَمَآ أُنزِلَ عَلَيۡنَا وَمَآ أُنزِلَ عَلَىٰٓ إِبۡرَٰهِيمَ وَإِسۡمَٰعِيلَ وَإِسۡحَٰقَ وَيَعۡقُوبَ وَٱلۡأَسۡبَاطِ وَمَآ أُوتِيَ مُوسَىٰ وَعِيسَىٰ وَٱلنَّبِيُّونَ مِن رَّبِّهِمۡ لَا نُفَرِّقُ بَيۡنَ أَحَدٖ مِّنۡهُمۡ وَنَحۡنُ لَهُۥ مُسۡلِمُونَ ٨٤ وَمَن يَبۡتَغِ غَيۡرَ ٱلۡإِسۡلَٰمِ دِينٗا فَلَن يُقۡبَلَ مِنۡهُ وَهُوَ فِي ٱلۡأٓخِرَةِ مِنَ ٱلۡخَٰسِرِينَ ٨٥ كَيۡفَ يَهۡدِي ٱللَّهُ قَوۡمٗا كَفَرُواْ بَعۡدَ إِيمَٰنِهِمۡ وَشَهِدُوٓاْ أَنَّ ٱلرَّسُولَ حَقّٞ وَجَآءَهُمُ ٱلۡبَيِّنَٰتُۚ وَٱللَّهُ لَا يَهۡدِي ٱلۡقَوۡمَ ٱلظَّٰلِمِينَ ٨٦ أُوْلَٰٓئِكَ جَزَآؤُهُمۡ أَنَّ عَلَيۡهِمۡ لَعۡنَةَ ٱللَّهِ وَٱلۡمَلَٰٓئِكَةِ وَٱلنَّاسِ أَجۡمَعِينَ ٨٧ خَٰلِدِينَ فِيهَا لَا يُخَفَّفُ عَنۡهُمُ ٱلۡعَذَابُ وَلَا هُمۡ يُنظَرُونَ ٨٨ إِلَّا ٱلَّذِينَ تَابُواْ مِنۢ بَعۡدِ ذَٰلِكَ وَأَصۡلَحُواْ فَإِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٌ ٨٩ إِنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ بَعۡدَ إِيمَٰنِهِمۡ ثُمَّ ٱزۡدَادُواْ كُفۡرٗا لَّن تُقۡبَلَ تَوۡبَتُهُمۡ وَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلضَّآلُّونَ ٩٠ إِنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ وَمَاتُواْ وَهُمۡ كُفَّارٞ فَلَن يُقۡبَلَ مِنۡ أَحَدِهِم مِّلۡءُ ٱلۡأَرۡضِ ذَهَبٗا وَلَوِ ٱفۡتَدَىٰ بِهِۦٓۗ أُوْلَٰٓئِكَ لَهُمۡ عَذَابٌ أَلِيمٞ وَمَا لَهُم مِّن نَّٰصِرِينَ ٩١
ترجمہ
(اے رسول! ان سے) کہہ دو کہ اللہ اور جو کچھ ہمارے اوپر اتارا گیا ہے اور جو کچھ ابراہیم، اسماعیل، اسحق، یعقوب اور اسباط پر نازل ہوا اور جو کچھ موسیٰ، عیسیٰ اور انبیاء کو ان کے رب کی طرف سے دیا گیا سب پر ہم ایمان لائے ہیں، ہم ان کے درمیان کسی تفریق کے قائل نہیں ہیں، ہم تو فقط اللہ کے فرمان کے سامنے تسلیم ہیں۔(۸۴) اور جو شخص اسلام کے علاوہ کسی اور دین کو چاہے گا تو یہ اس سے ہرگز قبول نہ کیا جائے گا اور وہ شخص آخرت میں خسارہ اٹھانے والوں سے ہوگا۔(۸۵) اللہ اس جماعت کو کس طرح ہدایت دے جو ایمان لانے کے بعد کافر ہو گئی ہے حالانکہ وہ گواہی دے چکے تھے کہ یہ رسول برحق ہے اور ان کے پاس روشن دلائل بھی آ گئے تھے اور اللہ تو ستمگار جماعت کی ہدایت نہیں کرتا۔(۸۶) ان کی سزا یہ ہے کہ ان پر اللہ، فرشتوں اور لوگوں کی لعنت ہے۔(۸۷) وہ مسلسل اس لعنت میں رہیں گے، ان پر سے عذاب کو بھی کم نہ کیا جائے گا اور نہ ہی ان کو مہلت دی جائے گی۔(۸۸) مگر وہ جو اس کے بعد توبہ کرلیں اور اپنے کردار کی اصلاح کریں تو اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(۸۹) وہ لوگ جو ایمان لانے کے بعد کافر ہوگئے اور پھر اپنے کفر میں اضافہ کردیا تو ان کی توبہ ہرگز قبول نہ ہوگی، یہی لوگ گمراہ ہیں۔(۹۰) اور جن لوگوں نے کفر اختیار کیا اور کفر کی حالت میں مر گئے تو ان میں سے کسی سے اس قدر سونا بھی، جس سے روئے زمین بھر جائے، ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا اگرچہ وہ اسے فدیہ میں دے دیں، ان کے لیے دردناک عذاب ہو گا اور ان کاکوئی بھی یاور نہیں ہے۔(۹۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۸۴:

یہ آیت سوائے ایک دو لفظوں کے سورہ بقرہ کی آیت ۱۳۶ جیسی ہے۔ اگر سابقہ انبیاء سے یہ عہد و پیمان لیا گیا کہ وہ آنے والے پیغمبر کی مدد کریں اور ان کا تعارف کروائیں تو جو پیغمبر آیا ہے اس پر لازم ہے کہ وہ اپنے تمام پیروکاروں کی نمائندگی میں گذشتہ انبیاء کے متعلق ایمان کا اعلان کرے۔ گذشتہ شخصیات کی خدمات کو نظر انداز نہ کریں (وَ مَاۤ اُنۡزِلَ عَلَیۡنَا ۔۔۔وَ مَاۤ اُوۡتِیَ مُوۡسٰی)۔ دین اور الٰہی ہدایت ہمیشہ انسان کے ساتھ ساتھ موجود رہے، انبیاء ایک مدرسہ کے معلمین کی مانند ہیں، وہ سب ایک ہی زنجیر کی کڑیوں کی مانند ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ان کی ذمہ داری لوگوں کی رہنمائی کرنا ہے (اِبۡرٰہِیۡمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ وَ۔۔۔)۔ تمام انبیاء علیہم السلام کا ہدف ایک ہی ہے (لَا نُفَرِّقُ بَیۡنَ اَحَدٍ مِّنۡہُمۡ)۔ بعض انبیاء کا بعض دوسرے انبیاء سے برتر ہونا اس بات سے منافات نہیں رکھتا کہ ان سب پر ایمان لایا جائے (لَا نُفَرِّقُ بَیۡنَ اَحَدٍ مِّنۡہُمۡ)۔ پیغمبر اسلامﷺکا یہ اعلان کرنا کہ سارے انبیاء پر میرا ایمان ہے، تمام توحیدی ادیان کو وحدت کی دعوت دینا ہے (لَا نُفَرِّقُ بَیۡنَ اَحَدٍ مِّنۡہُمۡ)۔ پیغمبر اسلامﷺحق کے سامنے تسلیم محض ہیں (نَحۡنُ لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ)۔ جو شخص ا نبیاء کے درمیان فرق کرتا ہے در حقیقت وہ اللہ تعالیٰ کے حضور تسلیم نہیں ہے(لَا نُفَرِّقُ ۔۔۔نَحۡنُ لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ)۔ مومنین کائنات کے دیگر موجودات کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے سامنے تسلیم ہیں (وَ لَہٗۤ اَسۡلَمَ مَنۡ فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ۔۔۔نَحۡنُ لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ)۔

آیت ۸۵:

آیت سے مراد وہ لوگ ہیں جن تک اسلام پہنچا ہے لیکن انہوں نے جان کر اسے چھوڑ دیا اور دوسرے ادیان کی طرف چلے گئے، یہ لوگ قیامت کے دن خسارے میں ہوں گے اور ان کا دین قبول نہ کیا جائے گا۔ آیت ۸۱سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تمام سابقہ انبیاء سے عہد لیا تھا کہ وہ دین اسلام کو قبول کریں گے لہذا پیغمبراسلامﷺ کی بعثت کے بعد دین اسلام کے سواء کوئی دوسرا دین قبول نہ ہوگا (فَلَنۡ یُّقۡبَلَ مِنۡہُ)۔ دین اسلام تمام گذشتہ ادیان کا ناسخ ہے( وَ مَنۡ یَّبۡتَغِ غَیۡرَ الۡاِسۡلَامِ دِیۡنًا فَلَنۡ یُّقۡبَلَ مِنۡہُ)۔ ایک جامع مکتب کو چھوڑ دینا ابدی خسارہ ہے (مَنۡ یَّبۡتَغِ ۔۔۔ مِنَ الۡخٰسِرِیۡنَ)۔ آخرت حقیقی خسارہ کی جلوہ گاہ ہے (فِی الۡاٰخِرَۃِ مِنَ الۡخٰسِرِیۡنَ)۔ اسلام کا انتخاب دور اندیشی کی نشانی اور انسان کی نجات کا وسیلہ ہے (فِی الۡاٰخِرَۃِ مِنَ الۡخٰسِرِیۡنَ)۔

آیت ۸۶:

ہدایت کے دلائل جس قدر زیادہ اور روشن تر ہوں ان سے بے اعتنائی اور ان کا انکار کرنا اتنا ہی زیادہ سزا کا باعث ہے (کَیۡفَ یَہۡدِی ۔۔۔لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الظّٰلِمِیۡنَ)۔ ایک دفعہ ایمان لانا کافی نہیں بلکہ ایمان اور عمل میں تسلسل اور دوام ضروری ہے کیونکہ ہر وقت انسان کے مرتد ہونے کا خطرہ رہتا ہے (کَفَرُوۡا بَعۡدَ اِیۡمَانِہِمۡ)۔ حق کو پس پشت ڈالنا منطق اور عقل کے خلاف ہے اور اپنے اوپر ظلم اور الٰہی الطاف کے دائرہ سے باہر ہونا ہے (لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الظّٰلِمِیۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ کا یہ قانون اور سنت ہے کہ وہ ظالموں کی ہدایت نہیں کرتا (وَ اللّٰہُ لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الظّٰلِمِیۡنَ)۔ ہدایت الٰہی کا مل جانا یا اس سے محروم ہونا خود ہمارے ہاتھ میں ہے (لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الظّٰلِمِیۡنَ)۔

آیات ۸۷۔۸۸:

مرتد افراد پر تمام لوگوں کی نفرین شاید اس لیے ہو کہ صحیح و سالم فطرت، آگاہانہ کفر اور جان بوجھ کر حق سے منہ موڑنے کو ناپسندیدہ عمل سمجھتی ہے۔ یا ہوسکتا ہے اس وجہ سے ہو کہ آگاہانہ کفر کی شعاع تمام نسلوں اور تمام زمانوں تک چلی جاتی ہے اور بہت ساروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔ اس لعنت جیسی لعنت اللہ، فرشتوں اور لوگوں کی وہ لعنت ہے جو سورہ بقرہ کی آیت ۱۵۹ میں بیان ہوئی ہے جو ان علماء اور دانشوروں پر کی گئی ہے جو حقائق کو چھپاتے ہیں۔ بنابراین ایک عالم جو حق کو چھپاتا ہے اور جو آگاہانہ مرتد ہوتا ہے اور جان بوجھ کر ایمان چھوڑتا ہے وہ دونوں یکساں اور برابر ہیں۔ فرشتے انسان کے برے اعمال بارے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہیں (عَلَیۡہِمۡ لَعۡنَۃَ اللّٰہِ وَ الۡمَلٰٓئِکَۃِ ۔۔۔)۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ مرتد اور منحرف افراد کے مقابلے میں اپنا رد عمل ظاہر کریں (عَلَیۡہِمۡ لَعۡنَۃَ ۔۔۔النَّاسِ)۔

آیت ۸۹:

اگر ایک کافر مسلمان ہوجائے تو (اَلْإِسْلاَمُ يَجُبُّ مَا قَبْلَهُ)اسلام اس کے تمام سابقہ گناہوں کو پاک کردیتا ہے لیکن اگر ایک مرتد شخص توبہ کرے اور پھر مسلمان ہوجائے تو اس پر لازم ہے کہ اس سے جتنی نمازیں، روزے اور دیگر واجبات رہ گئے ہیں ان سب کی قضا بجالائے۔ توبہ اور واپسی کا راستہ سب کے لیے کھلا ہے حتیٰ ان کے لیے بھی جو دین سے پھر گئے ہیں (کَفَرُوۡا بَعۡدَ اِیۡمَانِہِمۡ ۔۔۔اِلَّا الَّذِیۡنَ تَابُوۡا مِنۡۢ بَعۡدِ ذٰلِکَ وَ اَصۡلَحُوۡا)۔ حقیقی توبہ کی نشانی یہ ہے کہ برائیوں کی اصلاح کی جائے (تَابُوۡا۔۔۔وَ اَصۡلَحُوۡا)۔ اللہ تعالیٰ نہ فقط توبہ کرنے والوں کی توبہ قبول کرتا ہے اور ان کے گناہوں کو معاف کرتا ہے بلکہ توبہ کرنے والوں کو دوست بھی رکھتا ہے اور انہیں اپنی رحمت سے نوازتا ہے (غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ)۔

آیت ۹۰:

مرتد اور دین سے پھر جانے والے دو طرح کے ہیں: الف: مرتد ملّی: جس کے ماں باپ کافر ہوں اور وہ بالغ ہونے کے بعد کفر کا اظہار کرے پھر اسلام لے آئے اور اسلام لانے کے بعد پھر اسلام کو چھوڑ دے، اس اعتبار سے کہ اس شخص کی پیدائش مسلمان گھرانے میں نہیں ہوئی اس کی سزا خفیف اور ہلکی ہے۔ ب: مرتد فطری: جس کے ماں باپ مسلمان ہوں اور وہ بالغ ہونے کے بعد اسلام کا اظہار کرے پھر دین اسلام کو چھوڑ دے، ایسے شخص کی سزا سخت ہے۔ قرآن مجید کی متعدد آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان کے کمالات یا انحرافات میں کمی یا اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ جیسے علم کے بارے میں ہے (رَبِّ زِدۡنِیۡ عِلۡمًا)’’طہٰ،۱۱۴‘‘، ہدایت میں اضافہ ہونا (زَادَھُم ھدًی) (محمد، ۱۷) گمراہی میں اضافہ ہونا جس کا ذکر اس آیت میں ہوا ہے(ازۡدَادُوۡا کُفۡرًا)۔ اگرچہ توبہ کا راستہ کسی پر بند نہیں لیکن اس مقدس عنوان سے کوئی غلط استفادہ نہ کرے، جو لوگ ایمان سے ہاتھ اٹھا لیتے ہیں اور ہمیشہ کفر اور ہٹ دھرمی کو بڑھاتے ہیں لیکن موت یا جنگ کی حالت میں توبہ کرتے ہیں، ایسے لوگوں کی توبہ قبول نہیں کیونکہ توبہ کے آداب و شرائط اور طریقہ کار ہے جس کے دائرہ میں یہ افرادنہیں آتے۔ وہ ایمان قابل قدر ہے جو آخر عمر تک باقی رہے، جو ایمان کفر پر جاکر ختم ہو اس کی کوئی قدر نہیں (کَفَرُوۡا بَعۡدَ اِیۡمَانِہِمۡ)۔ انسان صاحب اختیار ہے، ایمان لانا یا کفر کرنا اس کے اختیار میں ہے۔ وہ ایمان لانے کے بعد اس پر ثابت قدم بھی رہ سکتا ہے اور درمیان میں ایمان چھوڑ بھی سکتا ہے۔ نیز توبہ کرنا یا گناہ پر قائم رہنا بھی اس کے اختیار میں ہے (کَفَرُوۡا بَعۡدَ اِیۡمَانِہِمۡ)۔ کفر و ارتداد سے زیادہ برا کفر اور ارتدار پر اصرار کرنا اور اس حالت پر باقی رہنا ہے(ثُمَّ ازۡدَادُوۡا کُفۡرًا)۔ کفر پر اصرار توبہ کی قبولیت میں رکاوٹ ہے (ازۡدَادُوۡا کُفۡرًا لَّنۡ تُقۡبَلَ تَوۡبَتُہُمۡ)۔

آیت ۹۱:

دنیا اور آخرت میں فرق ہے اس لحاظ سے کہ دنیا کے غم و اندوہ سے دوسرے افراد بھی متاثر ہوتے ہیں، آخرت میں ایسا نہیں ہے۔ دنیا میں انسان معذرت کرسکتا ہے، جھوٹ بول سکتا ہے، کفارہ دے سکتا ہے، حیلہ بہانہ کرسکتا ہے، توبہ کرسکتا ہے اور اپنی مشکلات کو حل کرسکتا ہے لیکن آخرت میں ایسا کچھ نہیں۔ انسان کے لیے سب سے زیادہ خطرناک چیز کفرکی حالت میں مرنا ہے(مَاتُوۡا وَ ہُمۡ کُفَّارٌ)، اللہ تعالیٰ کے حضور تسلیم ہونے کی حالت میں مرنا پیغمبروں کی آرزو تھی جیسے حضرت یوسف علیہ السلام نے فرمایا: (تَوَفَّنِیۡ مُسۡلِمًا) ’’یوسف، ۱۰۱‘‘۔ قیامت میں دنیوی مال کی کوئی حیثیت نہیں، اس دن مال انسان کو ذرہ برابر بھی فائدہ نہیں دے سکے گا اگرچہ اس کے پاس اتنا سونا ہو جو پوری دنیا کو بھر دے (مِلۡءُ الۡاَرۡضِ ذَہَبًا)۔ ایمان کی قدر و منزلت تمام مادی چیزوں سے بالاتر ہے، قیامت کے دن فقط ایمان ہی انسان کی نجات کا سبب بن سکتا ہے (مِلۡءُ الۡاَرۡضِ ذَہَبًا)۔ کفر کی حالت میں مرنے سے انسان شفاعت ملنے کی توفیق سے محروم رہ جاتا ہے (مَا لَہُمۡ مِّنۡ نّٰاصِرِیۡنَ)۔
اوپر تک سکرول کریں۔