تلاوت قرآن

سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 92 تا 100
لَن تَنَالُواْ ٱلۡبِرَّ حَتَّىٰ تُنفِقُواْ مِمَّا تُحِبُّونَۚ وَمَا تُنفِقُواْ مِن شَيۡءٖ فَإِنَّ ٱللَّهَ بِهِۦ عَلِيمٞ ٩٢ ۞ كُلُّ ٱلطَّعَامِ كَانَ حِلّٗا لِّبَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ إِلَّا مَا حَرَّمَ إِسۡرَٰٓءِيلُ عَلَىٰ نَفۡسِهِۦ مِن قَبۡلِ أَن تُنَزَّلَ ٱلتَّوۡرَىٰةُۚ قُلۡ فَأۡتُواْ بِٱلتَّوۡرَىٰةِ فَٱتۡلُوهَآ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ ٩٣ فَمَنِ ٱفۡتَرَىٰ عَلَى ٱللَّهِ ٱلۡكَذِبَ مِنۢ بَعۡدِ ذَٰلِكَ فَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلظَّٰلِمُونَ ٩٤ قُلۡ صَدَقَ ٱللَّهُۗ فَٱتَّبِعُواْ مِلَّةَ إِبۡرَٰهِيمَ حَنِيفٗاۖ وَمَا كَانَ مِنَ ٱلۡمُشۡرِكِينَ ٩٥ إِنَّ أَوَّلَ بَيۡتٖ وُضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِي بِبَكَّةَ مُبَارَكٗا وَهُدٗى لِّلۡعَٰلَمِينَ ٩٦ فِيهِ ءَايَٰتُۢ بَيِّنَٰتٞ مَّقَامُ إِبۡرَٰهِيمَۖ وَمَن دَخَلَهُۥ كَانَ ءَامِنٗاۗ وَلِلَّهِ عَلَى ٱلنَّاسِ حِجُّ ٱلۡبَيۡتِ مَنِ ٱسۡتَطَاعَ إِلَيۡهِ سَبِيلٗاۚ وَمَن كَفَرَ فَإِنَّ ٱللَّهَ غَنِيٌّ عَنِ ٱلۡعَٰلَمِينَ ٩٧ قُلۡ يَٰٓأَهۡلَ ٱلۡكِتَٰبِ لِمَ تَكۡفُرُونَ بِـَٔايَٰتِ ٱللَّهِ وَٱللَّهُ شَهِيدٌ عَلَىٰ مَا تَعۡمَلُونَ ٩٨ قُلۡ يَٰٓأَهۡلَ ٱلۡكِتَٰبِ لِمَ تَصُدُّونَ عَن سَبِيلِ ٱللَّهِ مَنۡ ءَامَنَ تَبۡغُونَهَا عِوَجٗا وَأَنتُمۡ شُهَدَآءُۗ وَمَا ٱللَّهُ بِغَٰفِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُونَ ٩٩ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِن تُطِيعُواْ فَرِيقٗا مِّنَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ يَرُدُّوكُم بَعۡدَ إِيمَٰنِكُمۡ كَٰفِرِينَ ١٠٠
ترجمہ
تم کبھی بھی نیکی کو پا نہیں سکو گے مگر وہ جسے تم پسند کرتے ہو اس سے انفاق کرو اور یہ جان لو جو بھی تم انفاق کرو گے حتمی طور پر اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۹۲) بنی اسرائیل کے لیے تمام غذائیں حلال تھیں مگر وہ جسے یعقوب نے تورات کے نزول سے پہلے اپنے اوپر حرام کی تھیں، ان سے کہہ دو: اگر تم سچ کہتے ہو تو تورات کو لے آؤ اور اسے پڑھو۔(۹۳) لہذا علم اور آگہی کے بعد جو بھی اللہ پر جھوٹ باندھے گا تو وہ خود ہی ستمگار ہوں گے۔(۹۴) (اے پیغمبر! ان سے) کہہ دو: اللہ نے سچ کہا ہے، لہذا تم ابراہیم کے حق پر مبنی آئین کی پیروی کرو کہ ابراہیم تو مشرکین سے نہ تھے۔(۹۵) پہلا گھر جو لوگوں کے واسطے عبادت کے لیے معین ہوا وہی گھر ہے جو مکہ کی سرزمین میں ہے جو پورے جہان والوں کے لیے برکت اور ہدایت کا سرمایہ ہے۔(۹۶) اس میں واضح نشانیاں اور مقام ابراہیم ہے جو بھی اس گھر میں داخل ہوجائے تو وہ امان میں ہے، لوگو ں پر واجب ہے کہ وہ اللہ کے لیے حج کی نیت سے اس گھر کی طرف جائیں، البتہ ہر وہ شخص جس میں اس تک جانے کی استطاعت ہو اور جو استطاعت رکھتے ہوئے کفر کرے(حج پر نہ جائے) تو وہ یہ جان لے کہ اللہ پورے عالم میں رہنے والوں سے بے نیاز ہے۔(۹۷) (اے رسول! ان سے) کہہ دو! اے اہل کتاب! تم اللہ کی آیات کا انکار کیوں کرتے ہو جبکہ اللہ تمہارے اعمال پر گواہ ہے۔(۹۸) (اے رسول! ان سے) کہہ دو! اے اہل کتاب! جو ایمان لائے ہیں انہیں اللہ کے راستے پر جانے سے کیوں روکتے ہو؟ کیا تم چاہتے ہو کہ اس طرح یہ ظاہر کرو کہ یہ راستہ درست نہیں ہے؟ جبکہ تم اس راستہ کے صحیح ہونے کے بارے گواہ ہو، جو تم انجام دیتے ہو اللہ اس سے غافل نہیں ہے۔(۹۹) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو!اگر تم اہل کتاب سے کسی کی پیروی کرو گے تو وہ تمہارے ایمان لانے کے بعد تمہیں کفر کی طرف واپس لے جائیں گے۔(۱۰۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۹۲:

قرآن مجید میں سب کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ نیکی کرنے میں ایک دوسرے کی مدد کریں (تَعَاوَنُوۡا عَلَی الۡبِرِّ وَ التَّقۡوٰی)’’مائدہ، ۲‘‘ اس آیت میں کہا گیا ہے تم نیکی کے اس قیمتی گوہر کو حاصل نہیں کرسکتے مگر یہ کہ جو تمہارا پسندیدہ ہے تم اسے اللہ کی راہ میں خرچ کرو۔ تاریخ میں مومنوں کے انفاق کرنے کے چند نمونے: ۱۔ ابو طلحہ انصاری کا مدینہ میں کھجوروں کا بہت بڑا باغ تھا۔ جب یہ آیت نازل ہوئی تو اس نے پیغمبراسلامﷺسے عرض کیا: میرے لیے سب سے زیادہ محبوب چیز یہ باغ ہے۔ میں اسے اللہ تعالیٰ کی راہ میں انفاق کرنا چاہتا ہوں۔ آنحضرتﷺنے فرمایا: بہت خوب، یہ بہت اچھی تجارت ہے لیکن میری تجویز ہے کہ تم اسے اپنے فقیر رشتہ داروں پر خرچ کرو۔ اس نے رسول خداﷺکی تجویز کو قبول کرتے ہوئے ایسا ہی کیا۔ ۲۔ جناب سیدہ زہرا علیہاالسلام کی شادی کے موقع پر آپ کو شوہر کے گھر لے جارہے تھے کہ ایک فقیر نے آپ سے آپ کی قمیض مانگی، اس آیت کی یاد میں آپ نے اپنی شادی کا جوڑا اس فقیر کو دے دیا۔ ۳۔ جناب عبداللہ بن جعفر نے ایک سیاہ غلام کو دیکھا جو باغ میں کام کررہا تھا۔ کھانے کے وقت ایک کتّا باغ میں آیا اور غلام کے سامنے آکر بیٹھ گیا۔ غلام نے اسے ایک لقمہ دیا تو اس نے کھا لیا اور غلام کی طرف دیکھنے لگا۔ غلام نے اپنا پورا کھانا اسے دے دیا تو عبد اللہ بن جعفر نے اس سے پوچھا: اب تم کیا کھاؤ گے؟ اس نے جواب دیا: میرا آج کا کھانا وہی تھا جو میں نے اس کتّے کو دے دیا۔ میرے پاس اس کے علاوہ کھانے کے لیے اور کچھ نہیں۔ عبداللہ بن جعفر نے کہا: تم نے ایسا کیوں کیا؟ اس نے جواب دیا: کتّا بھوکا تھا۔ عبداللہ بن جعفر نے اس غلام کی غیرت پر تعجب کیا اور اس غلام اور اس باغ کو اس کے مالک سے خریدا اور غلام کو آزاد کیا اور باغ اس کے نام کردیا۔ ’’ایسی مثالیں بہت زیادہ ہیں، رسول اللہﷺ کے زمانہ کی بھی ہیں، آئمہ معصومین علیہم السلام کے زمانہ کی بھی ہیں اور بعد والے زمانوں کی بھی ہیں۔ تاریخ کے اوراق ایسی مثالوں سے بھرے ہوئے ہیں کہ مومنوں نے اس آیت پر عمل کرتے ہوئے راہ خدا میں اپنی پسندیدہ چیزوں کو انفاق کیا‘‘۔ نیکوکاروں کے مقام تک پہنچنے کا واحد راستہ اپنی پسند کی چیزوں کو خالصانہ طور پر اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنا ہے (لَنۡ تَنَالُوا الۡبِرَّ۔۔۔)۔ اسلامی نقطہ نظر میں انفاق کرنے کا مقصد فقط معاشرہ سے فقر و فاقہ کا خاتمہ نہیں ہے بلکہ انفاق کرنے والے کا رشد و کمال بھی مقصود ہے۔ انفاق کرنے والے کا پسندیدہ چیزوں سے دل کو اٹھا لینا اور اس میں سخاوت کی صفت کا پیدا کرنا انفاق کے اہم ترین اثرات میں سے ہے۔ دنیا سے دل لگانا برّ ’’احسان، نیکی اور بھلائی‘‘ کے مقام سے محروم ہونے کا سبب ہے۔ انسان کی سعادت اس کی اجتماعی اور کریمانہ سوچ میں ہے۔ انسان کے لیے سب سے زیادہ محبوب چیز اس کی جان ہے۔ شہدا اپنی جان کو اللہ تعالیٰ کی راہ میں دے کر برّ ’’نیکی‘‘ کے بلند ترین مقام کو پا لیتے ہیں۔ اس چیز کو اللہ کی راہ میں خرچ کرو جسے تم اپنے لیے پسند کرتے ہو، نہ وہ جسے فقراء پسند کرتے ہیں کیونکہ ممکن ہے فقراء اپنے فقر اور تنگ دستی کی وجہ سے معمولی شئے اور کمترین چیز پر بھی راضی ہوجائیں۔ لہذا فرمایا:(مِمَّا تُحِبُّوۡنَ)جو تم پسند کرتے ہو، یہ نہیں کہا: (مِمَّا یُحِبُّوۡنَ) جو وہ ’’فقراء‘‘پسند کرتے ہیں۔ انفاق میں کیفیت کی اہمیت ہے، مقدار اہم نہیں ہے(مِمَّا تُحِبُّوۡنَ)، اللہ تعالیٰ ہمارے انفاق سے آگاہ ہے، ہم اس کی مقدار اور اس کی کیفیت بارے متوجہ رہیں اور اس میں کوتاہی نہ کریں (فَاِنَّ اللّٰہَ بِہٖ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۹۳۔۹۴:

اہل کتاب سے کچھ لوگ پیغمبراسلامﷺپر اعتراض کرتے تھے کہ تم اونٹ کے گوشت اور دودھ کو اپنے اوپر حرام قرار کیوں نہیں دیتے؟ یہ آیت اس کے متعلق ہے۔ اونٹ کا گوشت اور دودھ بنی اسرائیل کے حلال تھا، حضرت یعقوب علیہ السلام نے اسے اپنے لیے خود حرام کر رکھا تھا کیونکہ جب وہ اونٹ کا گوشت استعمال کرتے تھے تو وہ جسمانی طور پر اپنے اندر تکلیف محسوس کرتے تھے اس لیے وہ اس غذا سے پرہیز کرتے تھے۔ بنی اسرائیل نے خیال کر لیا تھا کہ یہ ہمیشہ کے لیے حرام ہے۔

آیت ۹۵:

’’حنیف‘‘وہ ہوتا ہے جس نے گمراہی سے دوری اختیار کر کے ہدایت اور سیدھی راہ پر آگیا ہو۔ پیغمبراسلامﷺکے زمانہ والے بت پرست خیال کرتے تھے کہ وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے دین پر ہیں، اس پر ان کا اس قدر اصرار تھا کہ دوسرے لوگ انہیں حنفاء کہتے تھے۔قرآن مجید کی متعدد آیات میں ان کے اس دعویٰ کی نفی کی گئی ہے (مَا کَانَ مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ)۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے حق پرست ہونے کی وجہ سے ان کی شریعت اور آئین پائیدار اور مضبوط ہوا (فَاتَّبِعُوۡا مِلَّۃَ اِبۡرٰہِیۡمَ حَنِیۡفًا)۔

آیت ۹۶:

’’بکّہ‘‘ لوگوں کے اجتماع اور اکھٹے ہونے کی جگہ کو کہتے ہیں۔ بنی اسرائیل کے اعتراضات سے ایک اعتراض یہ تھا کہ وہ کہتے تھے کہ بیت المقدس جو ایک ہزار سال پرانا ہے جسے حضرت سلیمان علیہ السلام نے تعمیر کیا، مسلمان اس کی طرف رخ کر کے عبادت کیوں نہیں کرتے اور کعبہ کو اپنا قبلہ کیوں بنا لیا ہے؟ اس آیت میں اس گھر کے سب سے زیادہ قدیمی ہونے اور سب سے پہلا عبادت خانہ ہونے کو بیان کیا گیا ہے۔ امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا:حضرت ابراہیم، حضرت اسماعیل اور حضرت نوح علیہم السلام نے اسی جگہ حج انجام دیا ۔ کعبہ کی خیر و برکت صرف مومنوں کے ساتھ مخصوص نہیں اور نہ ہی کسی خاص قوم و قبیلہ کے ساتھ مخصوص ہے بلکہ اس کی خیر و برکت سب کے لیے ہے (وُضِعَ لِلنَّاسِ)۔ کعبہ کا تمام لوگوں کے لیے ہونا ایک قدر و منزلت اور شان ہے (وُضِعَ لِلنَّاسِ)۔ کعبہ تمام لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ ہے (ہُدًی لِّلۡعٰلَمِیۡنَ)۔

آیت ۹۷:

کعبہ قدرت الٰہی کی نمائش گاہ اور عبرت انگیز واقعات اور یاد داشتوں سے بھری تاریخ ہے۔ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہماالسلام نے اس عمارت کو بنایا اور اس کی تعمیر میں اپنا ہنر دکھایا۔ ابرہہ ہاتھیوں کا لشکر لے کر اس گھر کو ویران کرنے کے لیے آیا تو اللہ تعالیٰ نے چھوٹے پرندے ’’ابابیل‘‘ کے ذریعہ انہیں ہلاک کردیا۔ حضرت علی علیہ السلام کی ولادت کے وقت آپ کی والدہ گرامی کے لیے کعبہ کی دیوار شق ہوئی اور آپ بے خوف کعبہ کے اندر چلی گئیں اور تین دن بعد بچے کو لے کر باہر آئیں۔ زیادہ زمانہ نہ گزرا تھا کہ اسی نومولود نے کعبہ کے اندر رکھے ہوئے بتوں کو گرا دیا۔ سیاہ رنگ بلال اسی کعبہ کی چھت پر چڑھ کر اذان دیتا تھا۔ ایک دن وہ بھی آئے گا کہ اللہ تعالیٰ کا آخری نمائندہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کعبہ کی دیوار سے ٹیک لگا کر عالمی اسلامی حکومت اور ظلم کے خاتمہ کی منظم تحریک کا اعلان کریں گے۔ انسان کی نجات کی صدا بلند کریں گے اور پوری دنیا والوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف دعوت دیں گے۔ مکہ امن الٰہی کا شہر ہے۔ جو بھی اس شہر میں آجائے وہ امان میں آجاتا ہے اگرچہ کوئی مجرم ہی اس جگہ کیوں نہ آجائے۔ جب تک وہ مسجد الحرام میں ہوگا اسے کچھ نہ کہا جائے گا۔ البتہ اس طرح اس کے گرد دائرہ تنگ کیا جائے کہ وہ خود مسجد الحرام سے باہر نکل جائے۔ کعبہ کے ساتھ ہی مقام ابراہیم ہے جہاں پر حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پاؤں کے نشانات موجود ہیں۔ اس پتھر کا موجود رہنا اور اس پر حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پاؤں کے نشانات کی موجودگی الٰہی قدرت کی نشانی ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے (اٰیٰتٌۢ بَیِّنٰتٌ)کے بارے میں فرمایا: اس سے مقام ابراہیم، حجر اسود اور حجر اسماعیل مراد ہے۔ وہابیت کی سوچ اور ان کے نظریہ کے بر عکس ایک جماد بھی اولیاء اللہ کے قریب ہونے سے مقدس ہوجاتا ہے (مَقَامُ اِبۡرٰہِیۡمَ)۔ اسلام کے امتیازات سے ایک یہ ہے کہ زمین کے ٹکڑے کو امن کی جگہ قرار دیا ہے (مَنۡ دَخَلَہٗ کَانَ اٰمِنًا)۔ واجبات ہماری گردنوں پر ایک طرح کا عہد الٰہی ہے(لِلّٰہِ عَلَی النَّاسِ حِجُّ الۡبَیۡتِ)۔ انسان پر اتنی ہی ذمہ داری ڈال دی جاتی ہے جتنی اس میں طاقت ہوتی ہے، حج اس شخص پر واجب ہے جو مالی اور جسمانی طاقت رکھتا ہو اور مکہ جانے کے لیے کوئی رکاوٹ نہ ہو (مَنِ اسۡتَطَاعَ اِلَیۡہِ سَبِیۡلًا)۔ حج کا انکار کرنا اور اس کو ترک کردینا کفر کا سبب ہے (وَ مَنۡ کَفَرَ)۔ الٰہی دستورات کے مطابق عمل کرنے کا فائدہ خود انسان کی طرف پلٹتا ہے، اللہ تعالیٰ کو ہمارے اعمال کی ضرورت نہیں ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ غَنِیٌّ عَنِ الۡعٰلَمِیۡنَ)۔

آیت ۹۸:

اگر ہم اللہ تعالیٰ کو اپنے اعمال کا گواہ مانیں تو اس کی مخالفت نہ کریں (لِمَ تَکۡفُرُوۡ۔۔۔وَ اللّٰہُ شَہِیۡدٌ)۔

آیت ۹۹:

پچھلی آیت میں اہل کتاب کے کفرکی بات تھی (لِمَ تَکۡفُرُوۡنَ)اس آیت میں اس بات پر اعتراض کیا ہے کہ اگر تم خود ایمان نہیں لاتے اور کفر کرتے ہو تو تم دوسروں کے ایمان لانے میں رکاوٹ کیوں بنتے ہو ؟(لِمَ تَصُدُّوۡنَ عَنۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ اسلام کو ٹیڑھا پیش کرنا، اسلام کے خلاف ایک طرح کی جنگ ہے (تَبۡغُوۡنَہَا عِوَجًا)۔ دشمن تمہارے آئین کے حق ہونے سے آگاہ ہے اور اس پر گواہ ہے (وَ اَنۡتُمۡ شُہَدَآءُ)۔ اگر ہم یہ جانتے ہوں کہ اللہ تعالیٰ ایک لحظہ کے لیے بھی ہم سے غافل نہیں تو ہم غلط کاموں سے ہاتھ اٹھالیں (وَ مَا اللّٰہُ بِغَافِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُوۡنَ)۔

آیت ۱۰۰:

یہودیوں میں سے ایک شخص نے جب مدینہ کے مسلمانوں کو پیغمبر اسلامﷺ کے ساتھ وفاداری میں پختہ دیکھا تو اس نے لوگوں کی آپس کی دیرینہ دشمنیوں کو یاد دلانے کی ٹھان لی تاکہ اس طرح ان کے درمیان تفرقہ ڈال دے۔ رسول اللہﷺ نے لوگوں کو دشمن کی اس سازش سے آگاہ کیا تو لوگ اپنے کئے پر پشیمان ہوئے۔ عمل عقیدہ پر اثر انداز ہوتا ہے۔منحرفین کی اطاعت کرنا انحراف کا سبب ہے اور اس کا انجام کفر اور برے انجام کا باعث بنتا ہے (یَرُدُّوۡکُمۡ بَعۡدَ اِیۡمَانِکُمۡ کٰفِرِیۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 101 تا 108
وَكَيۡفَ تَكۡفُرُونَ وَأَنتُمۡ تُتۡلَىٰ عَلَيۡكُمۡ ءَايَٰتُ ٱللَّهِ وَفِيكُمۡ رَسُولُهُۥۗ وَمَن يَعۡتَصِم بِٱللَّهِ فَقَدۡ هُدِيَ إِلَىٰ صِرَٰطٖ مُّسۡتَقِيمٖ ١٠١ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱتَّقُواْ ٱللَّهَ حَقَّ تُقَاتِهِۦ وَلَا تَمُوتُنَّ إِلَّا وَأَنتُم مُّسۡلِمُونَ ١٠٢ وَٱعۡتَصِمُواْ بِحَبۡلِ ٱللَّهِ جَمِيعٗا وَلَا تَفَرَّقُواْۚ وَٱذۡكُرُواْ نِعۡمَتَ ٱللَّهِ عَلَيۡكُمۡ إِذۡ كُنتُمۡ أَعۡدَآءٗ فَأَلَّفَ بَيۡنَ قُلُوبِكُمۡ فَأَصۡبَحۡتُم بِنِعۡمَتِهِۦٓ إِخۡوَٰنٗا وَكُنتُمۡ عَلَىٰ شَفَا حُفۡرَةٖ مِّنَ ٱلنَّارِ فَأَنقَذَكُم مِّنۡهَاۗ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمۡ ءَايَٰتِهِۦ لَعَلَّكُمۡ تَهۡتَدُونَ ١٠٣ وَلۡتَكُن مِّنكُمۡ أُمَّةٞ يَدۡعُونَ إِلَى ٱلۡخَيۡرِ وَيَأۡمُرُونَ بِٱلۡمَعۡرُوفِ وَيَنۡهَوۡنَ عَنِ ٱلۡمُنكَرِۚ وَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡمُفۡلِحُونَ ١٠٤ وَلَا تَكُونُواْ كَٱلَّذِينَ تَفَرَّقُواْ وَٱخۡتَلَفُواْ مِنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَهُمُ ٱلۡبَيِّنَٰتُۚ وَأُوْلَٰٓئِكَ لَهُمۡ عَذَابٌ عَظِيمٞ ١٠٥ يَوۡمَ تَبۡيَضُّ وُجُوهٞ وَتَسۡوَدُّ وُجُوهٞۚ فَأَمَّا ٱلَّذِينَ ٱسۡوَدَّتۡ وُجُوهُهُمۡ أَكَفَرۡتُم بَعۡدَ إِيمَٰنِكُمۡ فَذُوقُواْ ٱلۡعَذَابَ بِمَا كُنتُمۡ تَكۡفُرُونَ ١٠٦ وَأَمَّا ٱلَّذِينَ ٱبۡيَضَّتۡ وُجُوهُهُمۡ فَفِي رَحۡمَةِ ٱللَّهِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ١٠٧ تِلۡكَ ءَايَٰتُ ٱللَّهِ نَتۡلُوهَا عَلَيۡكَ بِٱلۡحَقِّۗ وَمَا ٱللَّهُ يُرِيدُ ظُلۡمٗا لِّلۡعَٰلَمِينَ ١٠٨
ترجمہ
تم کس طرح کفر اپناتے ہو جبکہ تمہارے اوپر اللہ کی آیات کی تلاوت کی جاتی ہے اور اس کا پیغمبر تمہارے درمیان موجود ہے، جو بھی اللہ سے تمسک کرے تو یقینی طور پر سیدھا راستہ پائے گا۔(۱۰۱) اے وہ لوگ! جو ایمان لائے ہو اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اس طرح کا تقویٰ جیسا تقویٰ اختیار کرنے کا حق ہے اور تمہیں موت نہ آئے مگر یہ کہ تم مسلمان ہو کر مرو۔(۱۰۲) تم سب اللہ کی رسی کو تھام لو اور متفرق نہ ہو، اپنے اوپر اللہ کی نعمت کو یاد کرو کہ جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے، پھر اللہ نے تمہارے دلوں میں الفت ڈال دی اور اللہ کی نعمت کے سائے میں تم ایک دوسرے کے بھائی بن گئے، تم آگ کے کنارے پر تھے تو اللہ نے تمہیں اس سے نجات دی، اللہ اس طرح اپنی آیات کو تمہارے لیے بیان کرتا ہے تاکہ تم ہدایت پاجاؤ۔(۱۰۳) تمہارے درمیان ایک ایسا گروہ موجود ہو جو دوسروں کو نیکی کی دعوت دے، امر بالمعروف اور نہی از منکر کرے اور یہی لوگ کامیاب ہیں۔(۱۰۴) اور تم ان لوگوں کی مانند نہ بنو جو واضح دلائل آجانے کے بعد اختلاف کا شکار ہوئے اور ان کے لیے بڑا عذاب ہو گا ۔(۱۰۵) ایسا دن جس میں کچھ چہرے سفید ہوں گے اور کچھ چہرے سیاہ ہوں گے، پس جو رو سیاہ ہوں تو ان سے کہا جائے گا: کیا تم نے ایمان کے بعد کفر اختیار کر لیا تھا؟ پس تم اپنے اس کفر کی وجہ سے اس عذاب کا مزہ چکھو۔(۱۰۶) لیکن جو رو سفید ہوئے تو وہ اللہ کی رحمت میں جاوید ہوں گے۔(۱۰۷) یہ سب اللہ کی آیات ہیں کہ ہم برحق انہیں تیرے لیے پڑھتے ہیں اور اللہ جہان والوں پر کسی قسم کا ظلم روا نہیں رکھتا۔(۱۰۸)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۰۱:

اللہ تعالیٰ سے اعتصام اور تمسّک ایک سنجیدہ عمل ہے جو آگہی کے ساتھ انجام پاتا ہے۔ اس کا لازمی نتیجہ خود کو اولیاء اللہ کے سپرد کرنا ہے۔ امام ہادی علیہ السلام سے مروی زیارت جامعہ میں یہ جملہ موجود ہے (مَنِ اعْتَصَمَ بِكُمْ فَقَدِ اعْتَصَمَ بِاللَّهِ) جو اہل بیت علیہم السلام سے متمسّک ہوتا ہے اور اپنے آپ کو ان کی پناہ میں دیتا ہے وہ خود کو اللہ کی پناہ میں دیتا ہے۔ انحراف اور کفر کی بنیاد یا تو راستے کا موجود نہ ہونا ہے یا رہنما کا نہ ہونا ہے۔ جب کتاب اور الٰہی رہبر اور اس کی سنت موجود ہو تو پھر انحراف اور کفر اپنانے کی کوئی وجہ باقی نہیں رہتی (کَیۡفَ تَکۡفُرُوۡنَ)۔ معاشرہ میں صرف الٰہی قانون کا ہونا اسے انحراف سے بچانے کے لیے کافی نہیں بلکہ قانون کے ساتھ الٰہی رہبر کا ہونا بھی ضروری ہے (وَ فِیۡکُمۡ رَسُوۡلُہٗ۔۔۔)۔ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرنا اور اسی سے مدد مانگنا تمام وسوسوں اور انحرافات سے بچنے کا ذریعہ ہے (مَنۡ یَّعۡتَصِمۡ بِاللّٰہِ فَقَدۡ ہُدِیَ)۔ آگے بڑھنے سے زیادہ اہم چیز صحیح راستہ تلاش کرنا اور اسی راہ پر چلنا ہے (ہُدِیَ اِلٰی صِرَاطٍ مُّسۡتَقِیۡمٍ) راستہ واضح ہوگا تو اس پر چلا جائے گا۔

آیت ۱۰۲:

ایمان، علم اور تقویٰ جیسے تمام کمالات کے مراحل اور درجات ہیں، دعائے مکارم الاخلاق میں ہے (بَلِّغْ بِإِيمَانِي أَكْمَلَ الْإِيمَانِ) اے اللہ! میرے ایمان کو اس کے کامل ترین درجہ تک پہنچا دے۔ اس آیت میں ہے (اتَّقُوا اللّٰہَ حَقَّ تُقٰتِہٖ)اللہ کا تقویٰ اختیار کرو ایسا تقویٰ جو اس کا حق ہے، یعنی تقویٰ کا بلند ترین مقام و مرتبہ حاصل کرو۔ تقویٰ اچھی عاقبت کا سبب ہے (اتَّقُوا اللّٰہَ ، تَمُوۡتُنَّ،مُسۡلِمُوۡنَ)۔ صرف ایمان لانا کافی نہیں بلکہ اس پر باقی رہنا لازمی ہے، کسی بھی کام کاانجام اس کے آغاز سے زیادہ اہم ہے (لَا تَمُوۡتُنَّ اِلَّا وَ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ)۔ اسلام ہمیں فقط یہ نہیں سکھاتا کہ کس طرح زندگی گزارنا ہے بلکہ ہمیں یہ بھی بتاتا ہے کہ کیسے مرنا ہے (لَا تَمُوۡتُنَّ اِلَّا وَ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ)۔

آیت ۱۰۳:

حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں: قرآن (حبل اللہ) ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام سے مروی ہے: (نَحْنُ حَبْلُ اللہِ) ہم اللہ تعالیٰ کی رسی ہیں۔ ایک حدیث میں امام علی علیہ السلام کو (حبل اللہ) قرار دیا گیا ہے۔ دلوں میں الفت ایجاد کرنا اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے (فَاَلَّفَ بَیۡنَ قُلُوۡبِکُمۡ)قرآن نے پیغمبراکرمﷺ سے فرمایا: (لَوۡ اَنۡفَقۡتَ مَا فِی الۡاَرۡضِ جَمِیۡعًا مَّاۤ اَلَّفۡتَ بَیۡنَ قُلُوۡبِہِمۡ) ’’انفال، ۶۳‘‘ اگر زمین کے تمام سرمائے کو تم خرچ کرو دو تب بھی ان کے دلوں کو تم نہیں جوڑ سکتے، دلوں کو جوڑنا اللہ کا کام ہے۔ تفرقہ سے دوری اور وحدت قائم کرنا ایک الٰہی فریضہ ہے (وَ اعۡتَصِمُوۡا)۔ وحدت اور اتحاد کا مرکز اللہ تعالیٰ کادین ہو، قومیت، زبان، رنگ اور نسل نہ ہو (بِحَبۡلِ اللّٰہِ)۔ اتحاد اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے (فَاَصۡبَحۡتُمۡ بِنِعۡمَتِہٖ)۔ تفرقہ اور دشمنی جہنم کا گڑھا ہے (شَفَا حُفۡرَۃٍ مِّنَ النَّارِ)۔ اللہ تعالیٰ کی نعمتیں اس کی آیات اور نشانیاں ہیں (وَ اذۡکُرُوۡا نِعۡمَتَ اللّٰہِ ۔۔۔ یُبَیِّنُ اللّٰہُ لَکُمۡ اٰیٰتِہٖ)۔ الٰہی نعمتوں کی یادآوری انسان کی ہدایت میں مددگار ہے (وَ اذۡکُرُوۡا نِعۡمَتَ اللّٰہِ ۔۔۔ لَعَلَّکُمۡ تَہۡتَدُوۡنَ)۔

آیت ۱۰۴:

دو آیات کے درمیان امر بمعروف اور نہی از منکر کی آیت کا آنا جس میں اتحاد و یگانگت کا دستور دیا گیا ہے شاید اس وجہ سے ہو کہ اجتماعی نظام میں متفرق ہونا اور خیر و معروف کی دعوت دونوں ایک ساتھ اکٹھی نہیں ہوتیں یا پھر ایسی دعوت مؤثر نہیں۔ امر بمعروف اور نہی از منکر دو طرح سے انجام پاتا ہے: ۱۔ایک عمومی فریضہ کے عنوان سے انجام دیا جائے اور سب اپنی توانائی کے تحت اسے انجام دیں۔ ۲۔ ایسا فریضہ جو ایک منظم جماعت کے عنوان سے ہو اور طاقت و قدرت کے ساتھ اسے انجام دیا جائے۔ جیسے اگر کوئی ڈرائیور سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی کرے تو ایک دفعہ تو سڑک پر گاڑیاں چلانے والے سارے ڈرائیور ہارن بجا کر لائٹیں دے کر اسے اس کام سے روکتے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس اسے طاقت کے زور پر روک لیتی ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے فرمایا: اگر معاشرے میں امر بمعروف اور نہی از منکر کو ترک کردیا جائے تو نیک اعمال کا خاتمہ ہوجائے گا اور شرپسند افراد معاشرے پر مسلط ہوجائیں گے۔ اسلامی معاشرے میں ایک ایسا گروہ امر بمعروف اور نہی از منکر کے امور پر نگاہ رکھے جسے حکومت کی تائید حاصل ہو (وَلۡتَکُنۡ مِّنۡکُمۡ اُمَّۃٌ)۔ معاشرہ کی اصلاح اور برائیوں کے آگے رکاوٹ کھڑی کرنا باقاعدہ منظم طاقت اور واضح ذمہ داری کے بغیر ممکن نہیں (مِنۡکُمۡ اُمَّۃٌ)۔ امر بمعروف اور نہی از منکر کی دعوت دینے والے اسلام شناس ہوں اور عوام کے مزاجوں سے بھی آگاہ ہوں نیز معاشرہ کی باریکیوں سے بھی واقف ہوں لہذا کچھ ماہر افراد ہی اس ذمہ داری کو انجام دیں (وَلۡتَکُنۡ مِّنۡکُمۡ اُمَّۃٌ)۔ خیر کے کام کی دعوت اور امر بمعروف اور نہی از منکر کا عمل مسلسل اور ہمیشہ جاری رکھا جائے، وقتی نہ ہو (یَدۡعُوۡنَ،یَاۡمُرُوۡنَ،یَنۡہَوۡنَ)فعل مضارع کا صیغہ ہے جو استمرار اور دوام پر دلالت کرتا ہے۔ امر بمعروف، نہی از منکر پر مقدم ہے کیونکہ اگر اچھائیوں کا راستہ کھل جائے تو برائیاں خود بخود کم ہوجائیں گی۔ وہی لوگ حقیقت میں کامیاب ہیں جو معاشرہ کی اصلاح، اس کی بہتری اور معاشرہ سے برائیوں کے خاتمہ کا درد رکھتے ہیں، گوشہ نشین، معاشرہ سے لاتعلق اور غیر جانبداری کا مظاہرہ کرنے والے افراد کے لیے کامیابی سے کچھ نصیب نہیں ہوتا(اُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡمُفۡلِحُوۡنَ)۔ فلاح اور کامیابی صرف خود کو آزاد کرانے اور اپنی کامیابی میں منحصر نہیں بلکہ امر بمعروف اور نہی از منکر کے ذریعہ دوسروں کو نجات دینا بھی کامیابی کی شرائط سے ہے۔

آیت ۱۰۵:

اختلافات کی جڑ ہمیشہ جہالت نہیں بلکہ بعض اوقات بے جا خواہشات بھی اس کا سبب بنتی ہیں (وَ اخۡتَلَفُوۡا مِنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَہُمُ الۡبَیِّنٰتُ)۔ اختلافات اور تفرقہ نہ فقط دنیا میں تمہاری طاقت کو توڑتا ہے بلکہ قیامت میں بھی جہنم کے عذاب کا سبب ہے (لَہُمۡ عَذَابٌ عَظِیۡمٌ)۔

آیات ۱۰۶۔۱۰۷:

قیامت کے دن روسفیدی اور رو سیاہی در حقیقت انسان کی دنیوی روحانی کیفیات کا مجسّم ہونا ہے۔ جن لوگوں نے دنیا میں اللہ تعالیٰ کی ولایت اور سرپرستی کو قبول کیا تو اللہ تعالیٰ انہیں تاریکیوں سے نکال کر نور میں لے جاتا ہے۔ ایسے لوگ قیامت کے دن نورانی چہرے کے ساتھ حاضر ہوں گے۔ جنہوں نے دنیا میں اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر طاغوت کی ولایت و سرپرستی کو قبول کیا تو اللہ تعالیٰ انہیں نورانیت سے تاریکی میں پھینک دیتا ہے۔ یہ لوگ قیامت کے دن تاریک چہروں کے ساتھ محشور ہوں گے۔ قرآن مجید میں سولہ مرتبہ کفر ایمان کے بعد آیا ہے، دو دفعہ اسلام کے بعد آیا ہے، تین مرتبہ گوسالہ پرستی خدا پرستی کے بعد آئی ہے اور ستائیس’’۲۷‘‘ مرتبہ علم و روشن دلیل کے بعد انکار آیا ہے یہ سارے امور اس بات کو ہمارے لیے بتا رہے ہیں کہ ایمان لانے کے بعد ارتداد کا خطرہ موجود رہتا ہے۔

آیت ۱۰۸:

آیات الٰہی کا پیغمبر پر نزول حقیقت و حق ہے۔ اللہ تعالیٰ بندوں پر ان کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا۔ اسی طرح سزا اور ثواب کو ہر ایک کے لیے مساوی قرار نہیں دیتا بلکہ ہر ایک کی طاقت و صلاحیت کو سامنے رکھا جاتا ہے کیونکہ سب کے ساتھ یکساں رویہ اپنانا ظلم ہے۔ ظلم وہ کرتا ہے جو اپنے اندر کوئی کمی محسوس کرتا ہے اور حق کے ذریعہ اپنے مقصد کو نہیں پاسکتا یا ظلم کے برے یا اچھے ہونے سے غافل ہے۔ اللہ تعالیٰ پر ان موارد سے کوئی بھی صادق نہیں آتا کیونکہ سب کچھ اسی سے ہے اور اس میں کوئی کمی نہیں۔ پیغمبر پر وحی کا نزول برحق ہے، نہ کہ ان کے ذہن اور خیالات کا نتیجہ (اٰیٰتُ اللّٰہِ نَتۡلُوۡہَا عَلَیۡکَ)۔ قیامت کے دن روسفیدی یا روسیاہی انسان کے اپنے اعمال، عقائد اور نظریات کی عکاس ہے،کسی پر اللہ تعالیٰ کا ظلم نہیں ہے، سب کچھ انسان کے اپنے عمل کا نتیجہ ہے(وَ مَا اللّٰہُ یُرِیۡدُ ظُلۡمًا لِّلۡعٰلَمِیۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 109 تا 115
وَلِلَّهِ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَمَا فِي ٱلۡأَرۡضِۚ وَإِلَى ٱللَّهِ تُرۡجَعُ ٱلۡأُمُورُ ١٠٩ كُنتُمۡ خَيۡرَ أُمَّةٍ أُخۡرِجَتۡ لِلنَّاسِ تَأۡمُرُونَ بِٱلۡمَعۡرُوفِ وَتَنۡهَوۡنَ عَنِ ٱلۡمُنكَرِ وَتُؤۡمِنُونَ بِٱللَّهِۗ وَلَوۡ ءَامَنَ أَهۡلُ ٱلۡكِتَٰبِ لَكَانَ خَيۡرٗا لَّهُمۚ مِّنۡهُمُ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ وَأَكۡثَرُهُمُ ٱلۡفَٰسِقُونَ ١١٠ لَن يَضُرُّوكُمۡ إِلَّآ أَذٗىۖ وَإِن يُقَٰتِلُوكُمۡ يُوَلُّوكُمُ ٱلۡأَدۡبَارَ ثُمَّ لَا يُنصَرُونَ ١١١ ضُرِبَتۡ عَلَيۡهِمُ ٱلذِّلَّةُ أَيۡنَ مَا ثُقِفُوٓاْ إِلَّا بِحَبۡلٖ مِّنَ ٱللَّهِ وَحَبۡلٖ مِّنَ ٱلنَّاسِ وَبَآءُو بِغَضَبٖ مِّنَ ٱللَّهِ وَضُرِبَتۡ عَلَيۡهِمُ ٱلۡمَسۡكَنَةُۚ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمۡ كَانُواْ يَكۡفُرُونَ بِـَٔايَٰتِ ٱللَّهِ وَيَقۡتُلُونَ ٱلۡأَنۢبِيَآءَ بِغَيۡرِ حَقّٖۚ ذَٰلِكَ بِمَا عَصَواْ وَّكَانُواْ يَعۡتَدُونَ ١١٢ ۞ لَيۡسُواْ سَوَآءٗۗ مِّنۡ أَهۡلِ ٱلۡكِتَٰبِ أُمَّةٞ قَآئِمَةٞ يَتۡلُونَ ءَايَٰتِ ٱللَّهِ ءَانَآءَ ٱلَّيۡلِ وَهُمۡ يَسۡجُدُونَ ١١٣ يُؤۡمِنُونَ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِ وَيَأۡمُرُونَ بِٱلۡمَعۡرُوفِ وَيَنۡهَوۡنَ عَنِ ٱلۡمُنكَرِ وَيُسَٰرِعُونَ فِي ٱلۡخَيۡرَٰتِۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ مِنَ ٱلصَّٰلِحِينَ ١١٤ وَمَا يَفۡعَلُواْ مِنۡ خَيۡرٖ فَلَن يُكۡفَرُوهُۗ وَٱللَّهُ عَلِيمُۢ بِٱلۡمُتَّقِينَ ١١٥
ترجمہ
(اللہ ظلم کیوں کرے) جبکہ آسمانوں اور زمین کی ساری چیزوں کا مالک اللہ ہے اور تمام معاملات کی بازگشت اللہ ہی کی جانب ہے۔(۱۰۹) تم بہترین امت تھےجو لوگوں(کی اصلاح) کے لیے پیدا کیے گئے ہو، تم امربالمعروف اور نہی از منکر کرتےہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو اور اگر اہل کتاب بھی اس طرح ایمان لے آئیں تو یقینی طور پر یہ امر ان کے لیے بہتر ہوتا، ان میں سے کچھ تو مومن ہیں لیکن ان میں سے زیادہ تر فاسق ہیں۔(۱۱۰) اہل کتاب تمہیں مختصر تکلیف دینے کے سواء تمہارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، اگر تمہارے ساتھ جنگ کریں گے تو وہ تمہیں پیٹھ دکھا کر بھاگ جائیں گے، پھر ان کی مدد نہیں کی جائے گی۔(۱۱۱) یہ جہاں بھی ہوں گے ذلت و رسوائی سے دوچار ہوں گے، مگر یہ کہ وہ اللہ کی مضبوط رسی کو تھام لیں اور انحراف سے ہاتھ اٹھالیں اور ایمان لے آئیں اور لوگوں کے ساتھ تعلقات استوار کرلیں، وہ اللہ کے قہر و غضب میں مبتلا رہیں گے اور ان پر بے چارگی مسلط کر دی گئی ہے، یہ سب اس وجہ سے ہوا کہ انہوں نے اللہ کی آیات کا انکار کیااور پیغمبروں کو ناحق قتل کردیتے تھے۔ یہ اس وجہ سے تھا کہ وہ نافرمانی اور زیادتی کرتے تھے۔(۱۱۲) اہل کتاب سب ایک جیسے نہیں، ان میں سے ایک گروہ ایسا ہے جو حکم خدا پر قائم ہیں اور اندھیری رات میں اللہ کی آیات کی تلاوت کرتے ہیں اور سربسجود رہتے ہیں۔(۱۱۳) وہ اللہ اور روز قیامت پر ایمان رکھتے ہیں، امربالمعروف اور نہی از منکر کے فریضہ کو انجام دیتے ہیں اور نیکی کے کاموں میں جلدی کرتے ہیں،یہی نیک لوگوں میں سے ہیں۔(۱۱۴) اور یہ لوگ نیکی کا جو بھی کام انجام دیں گے اس کی ناقدری نہ ہو گی اور اللہ پرہیزگاروں کے حالات سے آگاہ ہے۔(۱۱۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۰۹:

اللہ تعالیٰ جس کے لیے سب کچھ ہے اور سب کی بازگشت بھی اسی کی طرف ہے اسے ظلم کرنے کی کیا ضرورت ہے؟

آیت ۱۱۰:

آیت ۱۰۴ میں امربالمعروف اور نہی از منکر انجام دینے کے لیے ایک خاص جماعت کا ذکر ہوا ہے جن کے ذمہ خصوصی طور پر یہ کام لگایا گیا ہے۔ اس آیت میں عمومی حکم کو بیان کیا جا رہا ہے کہ سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس فریضہ کو انجام دیں۔ بہترین امت صرف نعرہ لگانے سے نہیں بن سکتے بلکہ ایمان لانے اور امربالمعروف اور نہی از منکر کے فریضہ کو انجام دینے سے بہترین امت بن سکتے ہیں۔ امربالمعروف اور نہی از منکر اس قدر اہم ہے کہ اس فریضہ کی انجام دہی امتوں میں امتیازی حیثیت حاصل کرنے کا سبب ہے (کُنۡتُمۡ خَیۡرَ اُمَّۃٍ )۔ برائیوں کے روک تھام کے لیے اقدام کیے بغیر نیکی اور اچھائیوں کا حکم دینے کا زیادہ اثر نہیں ہوتا (تَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ وَ تَنۡہَوۡنَ عَنِ الۡمُنۡکَرِ)۔ امت کے تمام افراد کو امربالمعروف اور نہی از منکر کرنے کا حق حاصل ہے۔ امربالمعروف اور نہی از منکر کرنےمیں عمر، قوم، تعلیم، عنوان اور مال و دولت میں سے کوئی بھی شئے ضروری نہیں۔ امربالمعروف ، نہی از منکر پر مقدم ہے (تَاۡمُرُوۡنَ۔۔۔تَنۡہَوۡنَ)۔ امربالمعروف اور نہی از منکر کا اثر اس وقت ہوگا جب ایمان کی بنیاد پر ہو(تَاۡمُرُوۡنَ،تَنۡہَوۡنَ، تُؤۡمِنُوۡنَ)۔ اسلام تمام سابق آسمانی ادیان کو نسخ کرنے والا ہے (وَ لَوۡ اٰمَنَ اَہۡلُ الۡکِتٰبِ)۔

آیت ۱۱۱:

یہ آیت مسلمانوں کے لیے تسلی اور بشارت کے لیے ہے کہ ایمان، اتحاد، امربالمعروف اور نہی از منکر کے سایہ تلے وہ کامیاب ہوں گے، لہذا وہ دشمن کی دھمکیوں سے نہ ڈریں کیونکہ انہوں نے ہی کامیاب ہونا ہے اور ان کادشمن ناکام اور نامراد ہوگا۔ دشمن کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ وہ اسلام کو نابود کرے لیکن وہ تکلیف پہنچانے کے سواء مسلمانوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، شکست ہمیشہ دشمن کا مقدر ہوگی(اِلَّاۤ اَذًی)۔ جس میں ایمان نہیں وہ دشمن کے ساتھ مقابلہ میں ثابت قدم نہیں رہ سکتا (یُوَلُّوۡکُمُ الۡاَدۡبَارَ)۔

آیت ۱۱۲:

جیسا احادیث میں آیا ہے کہ یہ آیت یہودیوں کے متعلق ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حکم کی نافرمانی اور پیغمبروں کی مخالفت اور انہیں ناحق قتل کرنے کی وجہ سے قہر و غضب الٰہی کے مستحق ٹھہرے اور ذلت و رسوائی کا ٹھپہ ان پر لگ گیا۔ ان کا ایک بڑا گناہ انبیاء کو قتل کرنا تھا۔ احادیث کے مطابق قتل سے مراد فقط تلوار سے قتل کرنا نہیں بلکہ غیروں کے پاس جا کر رازوں کو فاش کرنے کو بھی شامل ہے جس کی بنا پر ظالموں کا غلبہ ہوا اور وہ انبیاء کو قتل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پیغمبراکرمﷺنے فرمایا: (حَبۡلٍ مِّنَ اللّٰہِ)سے مراد قرآن سے تمسک کرنا ہے اور (حَبۡلٍ مِّنَ النَّاسِ) سے حضرت علی بن ابی طالب علیہما السلام مراد ہیں جو اللہ کے رسول کے وصی ہیں۔ کفر کا نتیجہ ذلت و رسوائی اور بے چارگی ہے (ضُرِبَتۡ عَلَیۡہِمُ الذِّلَّۃُ)۔ یہودی ہمیشہ ہی ذلیل و رسواء رہے ہیں اگرچہ میڈیا، معیشت اور سیاست سب کچھ ان کے ہاتھ میں ہے لیکن عزت و کرامت اور محبوبیت اور امن و امان کے اعتبار سے وہ بدترین حالت میں ہیں’’چوروں اور رہزنوں کی طرح وہ دوسروں میں خوف پیدا کرتے ہیں اور بہت پیسہ کماتے ہیں، لیکن وہ کبھی بھی عزت اور اعلیٰ مقام نہیں پاسکتے‘‘(ضُرِبَتۡ عَلَیۡہِمُ الذِّلَّۃُ)۔ دشمن کی کمزوریوں اور ان کی بدبختی کی داستانوں کو بیان کرکے مومنوں کے جذبات اور ان کی معنوی کیفیت کو مضبوط بنائیں۔ دو چیزیں عزت و احترام کا سب ہیں: ۱۔اللہ تعالیٰ کی قدرت پر ایمان ، ۲۔ملتوں اور امتوں کے ساتھ اچھے تعلقات اور روابط رکھنا (بِحَبۡلٍ مِّنَ اللّٰہِ وَ حَبۡلٍ مِّنَ النَّاسِ)۔ گناہ اور الٰہی حدود کو پھلاگنا کفر اور انبیاء کے قتل جیسے بڑے گناہوں کے ارتکاب کا سبب بنتا ہے(ذٰلِکَ بِمَا عَصَوۡا)۔ کفر اور گناہ کے ارتکاب پر اصرار کرنا خود کفر اور گناہ سے زیادہ برا ہے (کَانُوۡا یَعۡتَدُوۡنَ)۔

آیت ۱۱۳:

اس آیت اور بعد والی آیت میں اہل کتاب کے ایک گروہ کی خوبیوں کو بیان کیا گیا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت کرتے ہیں، آسمانی کتابوں کی تلاوت کرتے ہیں، سجدہ کرتے ہیں، امربالمعروف اور نہی از منکر کا فریضہ انجام دیتے ہیں اور نیکی کےکام انجام دینے میں جلدی کرتے ہیں۔ جس طرح مسلمانوں کا قرآن کی تلاوت کے ساتھ نماز قائم کرنا اللہ تعالیٰ کے ہاں پسندیدہ عمل ہے(اِنَّ الَّذِیۡنَ یَتۡلُوۡنَ کِتٰبَ اللّٰہِ وَ اَقَامُوا الصَّلٰوۃَ ۔۔۔یَرۡجُوۡنَ تِجَارَۃً لَّنۡ تَبُوۡرَ)’’فاطر، ۲۹‘‘اسی طرح اہل کتاب کا آسمانی کتاب کی تلاوت اور سجدہ کرنا بھی اللہ تعالیٰ کے ہاں پسندیدہ عمل ہے (یَتۡلُوۡنَ۔۔۔یَسۡجُدُوۡنَ)۔ اچھائی اور کمال جس جماعت اور گروہ کی طرف سے بھی ہو اسے تسلیم کیا جائے اور اس کا اعتراف کیا جائے، دوسروں پر تنقید کرتے وقت ان کے اندر موجود خوبیوں کو نظر انداز نہ کریں (مِنۡ اَہۡلِ الۡکِتٰبِ اُمَّۃٌ قَآئِمَۃٌ)۔ دوسروں کو اپنے قریب کرنے کا ایک راستہ ان کے کمالات اور خوبیوں کا اعتراف کرنا ہے۔ عبادت کے لیے سنجیدگی، ہمت اور عشق و آمادگی چاہیے (اُمَّۃٌ قَآئِمَۃٌ)۔ الٰہی آیات کی تلاوت کرنا اور رات کی تاریکی میں سجدہ کرنا اللہ تعالیٰ کے ہاں قابل تعریف عمل ہے (یَتۡلُوۡنَ اٰیٰتِ اللّٰہِ اٰنَآءَ الَّیۡلِ)۔ مناجات کے لیے رات کا وقت اور سحر خیزی بہترین وقت ہے (اٰنَآءَ الَّیۡلِ)۔ عبادت کی بلند ترین حالت سجدہ ہے (وَ ہُمۡ یَسۡجُدُوۡنَ)۔

آیات ۱۱۴۔۱۱۵:

جس طرح سورہ بقرہ کی آیت ۳ میں ایمان کے ساتھ نماز کا ذکر ہے (الَّذِیۡنَ یُؤۡمِنُوۡنَ بِالۡغَیۡبِ وَ یُقِیۡمُوۡنَ الصَّلٰوۃَ) اس آیت میں بھی ایمان کے ساتھ امربالمعروف اور نہی از منکر ذکر ہوا ہے (یُؤۡمِنُوۡنَ ۔۔۔ یَاۡمُرُوۡنَ)۔ قرآن مجید کا یہ شیوہ ہے کہ اس میں امربالمعروف کو نہی از منکر سے پہلے ذکر کیا جاتا ہے کیونکہ اگر معروف کے دروازے کھلے ہوں گے تو منکر کے دروازے خود بخود بند ہوجائیں گے۔آسان اور کم اخراجات والی شادی فحاشی کے لیے رکاوٹ بنتی ہے، نماز انسان کو منکرات سے روکتی ہے، درست اور جائز مصروفیات انسان کو اجتماعی برائیوں سے روکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس آیت اور پچھلی آیت میں صالحین کے مقام تک پہنچنے کے لیے کچھ اوصاف و شرائط بیان کئے ہیں (اُولٰٓئِکَ مِنَ الصّٰلِحِیۡنَ)جس مقام تک پہنچنے کی آرزو ہر مومن کے دل میں ہوتی ہے(اَلْحِقْنِی بِالصّٰلِحِیۡنَ)’’یوسف، ۱۰۱، شعراء، ۸۳‘‘ اور ہر مسلمان کم از کم پانچ مرتبہ نماز میں صالحین پر سلام کرتا ہے۔ الٰہی مکتب کے نقطہ نظر سےکوئی بھی نیک عمل ضائع نہیں ہوتا (فَلَنۡ یُّکۡفَرُوۡہُ) بشرطیکہ عمل انجام دینے والا متقی ہو جیسا کہ قرآن مجید میں ایمان اور تقویٰ کو عمل کی قبولیت کی شرط قرار دیا گیا ہے (اِنَّمَا یَتَقَبَّلُ اللّٰہُ مِنَ الۡمُتَّقِیۡنَ)’’مائدہ، ۲۷‘‘ لہذا اس آیت میں فرمایا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ متقین کون ہیں کہ جن کاعمل قبول ہے۔ امربالمعروف اور نہی از منکر دوسرے ادیان میں بھی تھا(اَہۡلِ الۡکِتٰبِ۔۔۔یَاۡمُرُوۡنَ بِالۡمَعۡرُوۡفِ)۔ سحر کے وقت کی عبادت اور سجدے دن کے وقت امربالمعروف اور نہی از منکر کے ہمراہ ہونا چاہیے (یَسۡجُدُوۡنَ۔۔۔ یَاۡمُرُوۡنَ)۔ نیکی کے کام میں تیزی دکھانا قابل قدر ہے۔ نیکی کے کاموں میں صالحین کا تیزی دکھانا عارضی نہیں بلکہ دائمی ہوتا ہے (یُسَارِعُوۡنَ)۔ نیک لوگ وہ ہیں جو نیکی کے کاموں میں دلچسپی لیتے ہیں اور تیزی سے نیکی کے کاموں کی طرف جاتے ہیں (الۡخَیۡرٰتِ)۔ صالحین کے گروہ میں شامل ہونے کےلیے ایمان، عبادت، تلاوت، امربالمعروف اور نہی از منکر اور نیکی کے کاموں میں تیزی ضروری ہے (اُولٰٓئِکَ مِنَ الصّٰلِحِیۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 116 تا 121
إِنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ لَن تُغۡنِيَ عَنۡهُمۡ أَمۡوَٰلُهُمۡ وَلَآ أَوۡلَٰدُهُم مِّنَ ٱللَّهِ شَيۡـٔٗاۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ١١٦ مَثَلُ مَا يُنفِقُونَ فِي هَٰذِهِ ٱلۡحَيَوٰةِ ٱلدُّنۡيَا كَمَثَلِ رِيحٖ فِيهَا صِرٌّ أَصَابَتۡ حَرۡثَ قَوۡمٖ ظَلَمُوٓاْ أَنفُسَهُمۡ فَأَهۡلَكَتۡهُۚ وَمَا ظَلَمَهُمُ ٱللَّهُ وَلَٰكِنۡ أَنفُسَهُمۡ يَظۡلِمُونَ ١١٧ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تَتَّخِذُواْ بِطَانَةٗ مِّن دُونِكُمۡ لَا يَأۡلُونَكُمۡ خَبَالٗا وَدُّواْ مَا عَنِتُّمۡ قَدۡ بَدَتِ ٱلۡبَغۡضَآءُ مِنۡ أَفۡوَٰهِهِمۡ وَمَا تُخۡفِي صُدُورُهُمۡ أَكۡبَرُۚ قَدۡ بَيَّنَّا لَكُمُ ٱلۡأٓيَٰتِۖ إِن كُنتُمۡ تَعۡقِلُونَ ١١٨ هَٰٓأَنتُمۡ أُوْلَآءِ تُحِبُّونَهُمۡ وَلَا يُحِبُّونَكُمۡ وَتُؤۡمِنُونَ بِٱلۡكِتَٰبِ كُلِّهِۦ وَإِذَا لَقُوكُمۡ قَالُوٓاْ ءَامَنَّا وَإِذَا خَلَوۡاْ عَضُّواْ عَلَيۡكُمُ ٱلۡأَنَامِلَ مِنَ ٱلۡغَيۡظِۚ قُلۡ مُوتُواْ بِغَيۡظِكُمۡۗ إِنَّ ٱللَّهَ عَلِيمُۢ بِذَاتِ ٱلصُّدُورِ ١١٩ إِن تَمۡسَسۡكُمۡ حَسَنَةٞ تَسُؤۡهُمۡ وَإِن تُصِبۡكُمۡ سَيِّئَةٞ يَفۡرَحُواْ بِهَاۖ وَإِن تَصۡبِرُواْ وَتَتَّقُواْ لَا يَضُرُّكُمۡ كَيۡدُهُمۡ شَيۡـًٔاۗ إِنَّ ٱللَّهَ بِمَا يَعۡمَلُونَ مُحِيطٞ ١٢٠ وَإِذۡ غَدَوۡتَ مِنۡ أَهۡلِكَ تُبَوِّئُ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ مَقَٰعِدَ لِلۡقِتَالِۗ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ ١٢١
ترجمہ
جو لوگ کافر ہوگئے ان کے اموال اور ان کی اولاد انہیں اللہ کے عذاب سے بچانے کے لیے کچھ فائدہ نہ دیں گے، وہ آگ میں رہنے والے ہوں گے اور اس میں ہمیشہ رہیں گے۔(۱۱۶) جو کچھ وہ اس دنیا میں انفاق کرتے ہیں یہ اس ہوا کی مانند ہے جو ٹھنڈی یا گرم ہو اور اس گروہ کے کھیت پر چلے جس نے اپنے اوپر ظلم کیا ہے جو غیر موزوں جگہ پر کاشت کی ہے اور اس کھیت کو ویران کردے، اللہ نے تو ان پر ظلم نہیں کیا بلکہ انہوں نے خود اپنے اوپر ظلم کیا ہے۔(۱۱۷) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! غیروں کو اپنا محرم راز نہ بناؤ، وہ تمہاری تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، وہ تمہاری تکلیف پسند کرتے ہیں، سچ یہ ہے کہ ان کے بیانات سے تمہارے بارے ان کے بغض و کینہ اور دشمنی واضح ہے اور جو کچھ ان کے سینوں میں تمہارے متعلق پوشیدہ ہے وہ اس( ان بیانات) سے زیادہ ہے ہم واضح کرنے والی آیات کو تمہارے لیے بیان کرتے ہیں اگر تم اس بارے غور و فکر کرو تو۔(۱۱۸) خبردار، اے مسلمانو! تم ایسے ہو کہ انہیں دوست رکھتے ہو جبکہ وہ تمہیں دوست نہیں رکھتے اور تم تو تمام آسمانی کتابوں پر ایمان لائے ہو اور جب بھی وہ تمہارے ساتھ ملاقات کرتے ہیں تو وہ منافقانہ انداز میں تم سے کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے ہیں اور جب وہ آپس میں ملتے ہیں تو تمہارے بارے میں سخت برہمی کی حالت میں اپنی انگلیوں کو کاٹتے ہیں، آپ ان سے کہہ دیں کہ تم اس غصہ کی حالت میں مرجاؤ، جو کچھ تمہارے سینے میں ہے اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۱۱۹) اگر تمہیں کوئی فائدہ پہنچے تو یہ بات انہیں غمگین کردیتی ہے اور اگر کوئی ناخشگوار صورت تمہارے لیے پیش آئے تو وہ اس پر خوش ہوتے ہیں، اگر تم اس پر صبر کرو اور تقویٰ اپناؤ تو ان کی سازشیں تمہیں کچھ نقصان نہ دیں گی، وہ جو انجام دیتے ہیں اللہ کا اس پر احاطہ ہے۔(۱۲۰) (اے رسول)اس وقت کو یاد کرو جب تم صبح کے وقت (جنگ احد کے لیے) اپنے گھر والوں سے نکل کر مومنوں کو (جنگ کی جگہ پر) مناسب جگہ متعین کررہے تھے، اللہ سننے والا جاننے والا ہے۔(۱۲۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیات ۱۱۶۔۱۱۸:

قرآن مجید نے بار بار اس بات کو بیان کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے قہر و غضب کے سامنے انسان کا مال، اولاد، دوست احباب، جماعت اور ساتھی کچھ بھی فائدہ نہ دے گا۔ کافر باطل کو مضبوط کرنے کے لیے اپنا سارا بجٹ لگادیتے ہیں اور اس کے لیے تمام تر کوششیں کرتے ہیں۔ یہ اس طرح ہے کہ ایک انتہائی تباہ کن تیز اور گرم یا ٹھنڈی ہوا آکر کھیت کو برباد کردے اور اس کھیت کی فصلوں میں سے کچھ بھی باقی نہ رہے۔ دین اسلام کے آغاز سے لے کر آج تک اسلام کے خلاف ہر طرح کی کوششیں ہوئیں، اسلام کو تباہ کرنے کے لیے ہزاروں منصوبے بنائے گئے، اس کے لیے بے حساب سرمایہ لگایا گیا لیکن اس کے باوجود اسلام باقی ہے اور اسلام کے دشمن اس کو نہ مٹا سکے بلکہ اسلام پہلے سے زیادہ پھیل رہا ہے اور آخرکار اسلام ہی کامیاب ہوگا اور تمام ادیان پر غالب آئے گا۔ قدرتی آفات اور حادثات انسان کے گناہوں کا نتیجہ ہیں (رِیۡحٍ فِیۡہَا صِرٌّ اَصَابَتۡ حَرۡثَ قَوۡمٍ ظَلَمُوۡۤا)۔ گناہ انسان کے نیک اعمال کو برباد کردیتے ہیں (ظَلَمُوۡۤا اَنۡفُسَہُمۡ فَاَہۡلَکَتۡہُ)۔ اللہ تعالٰی کا قہر و غضب ظلم نہیں بلکہ انسان کے اپنے اعمال کا نتیجہ ہے (وَ مَا ظَلَمَہُمُ اللّٰہُ وَ لٰکِنۡ اَنۡفُسَہُمۡ یَظۡلِمُوۡنَ)۔ اغیار کو اپنے رازوں سے آگاہ نہ کرو اور انہیں اپنا ہم راز نہ بناؤ(لَا تَتَّخِذُوۡا بِطَانَۃً مِّنۡ دُوۡنِکُمۡ) اسلامی ممالک میں غیر مسلم ممالک کے مشیر رکھنا صحیح نہیں ہے۔ ایسا مسلمان جو (دُوۡنِکُمۡ)کا مصداق ہو تو اسے بھی محرم راز نہ بناؤ کیونکہ مسلمانوں کے اندر بھی ایسے افراد موجود ہوتے ہیں جو فتنہ پرور اور سازشی ہوتے ہیں۔اسلام سازش کرنے والوں سے بچنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے، چاہے وہ سازشی اپنے ہوں یا اغیار ہوں۔ دشمن کئی رنگ بدل کر ہمارے سامنے آتا ہے: ۱۔فساد کے راستے سے آتا ہے (لَا یَاۡلُوۡنَکُمۡ خَبَالًا)۔ ۲۔دباؤ اور پابندیوں کے راستہ سے آتا ہے (وَدُّوۡا مَا عَنِتُّمۡ)۔ ۳۔ منافقت کے راستہ سے آتا ہے (مَا تُخۡفِیۡ صُدُوۡرُہُمۡ اَکۡبَرُ)۔ دشمن شناس بنو اور ہوشیار رہو، غفلت میں نہ پڑے رہو، جاگتے رہو کیونکہ دشمن کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا، وہ ہر لمحہ آپ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہوتا ہے (لَا یَاۡلُوۡنَکُمۡ خَبَالًا ؕ وَدُّوۡا مَا عَنِتُّمۡ)۔ برتن سے وہی رستا ہے جو اس میں ہوتا ہے، دشمن سے بغض اور کینہ کے سوا کچھ اور توقع نہیں رکھنی چاہیے (قَدۡ بَدَتِ الۡبَغۡضَآءُ مِنۡ اَفۡوَاہِہِمۡ)۔ دشمن کو ان کے تشہیری پروگرام سے پہچان لو (قَدۡ بَدَتِ الۡبَغۡضَآءُ مِنۡ اَفۡوَاہِہِمۡ)۔ سازشی دشمن سے گہرے اور دوستانہ روابط اور تعلقات استوار کرنا حماقت اور بے عقلی ہے (مَا تُخۡفِیۡ صُدُوۡرُہُمۡ اَکۡبَرُ ۔۔۔اِنۡ کُنۡتُمۡ تَعۡقِلُوۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ دشمن کی پہچان کروا کر اور ان کی سازشوں سے آگہی دے کر اتمام حجت کرتا ہے (قَدۡ بَیَّنَّا لَکُمُ الۡاٰیٰتِ)۔ مومن ہونا اور عقلمند ہونا دو الگ الگ امور ہیں اسی لیے اللہ تعالیٰ فرما رہا ہے: اے مومنو! اگر تم عقلمند ہو تو کافروں کو اپنا ہم راز نہ بناؤ (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا۔۔۔اِنۡ کُنۡتُمۡ تَعۡقِلُوۡنَ)۔

آیت ۱۱۹:

دوستی دوطرفہ ہونی چاہیے ورنہ ذلت کا سبب ہوگی اور نقصان اور احساس کمتری کا سبب بنے گی (تُحِبُّوۡنَہُمۡ وَ لَا یُحِبُّوۡنَکُمۡ)۔ مسلمان، تمام آسمانی کتابوں پر ایمان رکھتا ہے اگرچہ دوسری آسمانی کتابوں والے قرآن مجید پر ایمان نہ لائیں (تُؤۡمِنُوۡنَ بِالۡکِتٰبِ کُلِّہٖ)۔ ہر شخص کے ایمان کے اظہار پر اعتماد نہ کرو (قَالُوۡۤا اٰمَنَّا ۚ٭ۖ وَ اِذَا خَلَوۡ۔۔۔)۔ یہ خیال مت کرو کہ تمہاری دوستی سبب بنے گی کہ تم سے کینہ رکھنےوالے دشمن کی سوچ تمہارے بارے میں بدل جائے گی اور وہ تمہارے بارے میں مہربان ہوگا(تُحِبُّوۡنَہُمۡ ۔۔۔عَضُّوۡا عَلَیۡکُمُ الۡاَنَامِلَ مِنَ الۡغَیۡظِ)۔ الٰہی امدادت سے ایک یہ ہے کہ مسلمانوں کے متعلق دشمنوں کے منصوبوں کو اللہ تعالیٰ نے ظاہر کردیا تاکہ مسلمان غفلت میں نہ مارے جائیں(وَ مَا تُخۡفِیۡ صُدُوۡرُہُمۡ اَکۡبَرُ ۔۔۔وَ اِذَا خَلَوۡا عَضُّوۡا عَلَیۡکُمُ الۡاَنَامِلَ۔۔۔)۔ اذیت دینے والے منافقین کے خلاف اسلام کارویہ کافروں سے زیادہ سخت ہے (اِذَا لَقُوۡکُمۡ قَالُوۡۤا ۔۔۔ مُوۡتُوۡا بِغَیۡظِکُمۡ)۔ بعض دفعہ دشمن پر نفرین کرنا اور اس سے نفرت کا اعلان کرنا ضروری ہوتا ہے، کینہ رکھنے والے کافر اور مکار منافقین اس لائق ہیں کہ ان پر نفرین کی جائے اور ان سے بے زاری کا اعلان کیا جائے(مُوۡتُوۡا بِغَیۡظِکُمۡ)۔ کافروں کو اپنی طرف مائل کرنے کے لیے ان کے ساتھ محبت مت کرو کیو نکہ بعض دفعہ اس کی وجہ ڈر، لالچ یا احساس کمتری ہوتی ہے (اِنَّ اللّٰہَ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ)۔

آیت ۱۲۰:

اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ دوست اور دشمن کو پہچاننے کے لیے مسلمانوں کی کامیابی یا ناکامی کے وقت دوسروں کی اندرونی کیفیت اور ان کے ردعمل کو دیکھا جائے کہ وہ مسلمانوں کی کامیابی یا ناکامی پر کیا رد عمل دکھاتے ہیں۔ پچھلی آیت میں کہا گیا کہ دشمنوں کو اپنا یاورو مددگار اور دوست نہ بناؤ۔اس آیت میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کا رویہ اگرچہ بہت بڑی قربانیوں کا متقاضی ہے کیونکہ ایسا رویہ اپنانے پر دشمن تمہارے خلاف سازشیں کرے گا لہذا تم صبر کرو اور اہل تقویٰ بنو تاکہ دشمن کی سازشیں تمہیں نقصان نہ دے سکیں۔ دشمنوں کی حسادت اس حد تک ہے کہ اگر تمہیں تھوڑا سا فائدہ بھی مل جائے تو وہ اس سے رنجیدہ ہوتے ہیں اور انہیں یہ اچھا نہیں لگتا (اِنۡ تَمۡسَسۡکُمۡ حَسَنَۃٌ تَسُؤۡہُمۡ)۔ دشمن کے اثر و رسوخ اور غلبہ پانے کا راستہ یا ڈر و خوف ہے یا لالچ ہے یا لاپرواہی اور تقویٰ کا فقدان ہے، اس کا مقابلہ کرنے کا راستہ صبر و تقویٰ ہے(اِنۡ تَصۡبِرُوۡا وَ تَتَّقُوۡا لَا یَضُرُّکُمۡ)۔ حاسدوں کے حسد کرنے اور ہماری ترقی سے ان کے رنجیدہ اور دکھی ہونے پر صبر اور تقویٰ اختیار کیا جائے، یہی کامیابی کا راز ہے(اِنۡ تَصۡبِرُوۡا وَ تَتَّقُوۡا لَا یَضُرُّکُمۡ)۔

آیت ۱۲۱:

جنگ احد کا منظر نامہ: جب دوسری ہجری میں جنگ بدر میں قریش مکہ کو بری طرح شکست ہوئی تو ابوسفیان نے اعلان کیا کہ تم اپنے مرنے والوں پر گریہ مت کرو تاکہ مسلمانوں کے خلاف بغض و کینہ اور نفرت اور غم و غصہ تمہارے دلوں میں باقی رہے۔ اگلے سال وہ مکمل جنگی سازو سامان کے ساتھ مدینہ پر حملہ آور ہونے کے لیے آئے۔ پیغمبراکرمﷺنے کافروں سے مقابلہ کرنے کے بارے میں مسلمانوں سے مشورہ لیا تو اجلاس میں دو رائے سامنے آئیں: ۱۔مدینہ میں رہ کر گلیوں میں مورچے بنائیں اور حملہ آورں کا مقابلہ کریں اور ان سے جنگ لڑی جائے۔ ۲۔شہر سے باہر جا کر ان کا مقابلہ کیا جائے اور ان سے جنگ لڑی جائے۔ اگرچہ پیغمبراکرمﷺ کی یہ رائے تھی کہ شہر کے اندر رہ کر ان کا مقابلہ کیا جائے لیکن اکثریت اور جوانوں کی رائے کا احترام کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ شہر سے باہر جا کر دشمن کے خلاف جنگ لڑی جائے۔ پیغمبر اکرمﷺنے صبح کی نماز احد کے پہاڑ میں باجماعت ادا کی اور عبداللہ بن جبیر کی قیادت میں پچاس ماہر تیر اندازوں کو درہ پر بٹھایا تاکہ وہ پہاڑ کے اس درہ کی حفاظت کریں اور انہیں ہدایت دی کہ اس جگہ کو کسی بھی حالت میں نہ چھوڑیں۔ ابوسفیان نے خالد بن ولید کی کمانڈ میں دو سو سپاہیوں کو حکم دیا کہ وہ اس درہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کریں اور مسلمان سپاہیوں کی غفلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پیچھے سے مسلمانوں پر حملہ آور ہوں۔ آخر کار دونوں فوجیں میدان میں آمنے سامنے ہوئیں۔ مسلمانوں کے لشکر سے ’’اللہ اکبر‘‘ کی صدائیں بلند ہوئی اور دشمن کے لشکر سے ڈھول اور باجے کی صدائیں بلند ہوئی۔ لشکر اسلام نے وسیع حملہ سے تیزی کے ساتھ کافروں پر چڑھائی کی جس کے نتیجہ میں کافر فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔ مسلمانوں نے ان کا پیچھا کیا۔ کچھ مسلمانوں نے سمجھا کہ ہماری فتح یقینی ہوچکی ہے اس لئے وہ مال غنیمت سمیٹنے میں لگ گئے۔ درہ کی حفاظت پر متعین دستہ نے اپنی جگہ چھوڑ دیا اور مال غنیمت جمع کرنے لگے۔ خالد بن ولید نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور اپنے سپاہیوں کے ہمراہ اس درہ پر قبضہ کر لیا اور وہ مسلمانوں پر حملہ آور ہوگئے۔ کافروں کے لشکر نے چاروں طرف سے مسلمانوں کو اپنے گھیرے میں لے لیا اور ان کا محاصرہ کر لیا۔ چند افراد اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر پیغمبراکرمﷺ کا دفاع کر رہے تھے اور وہ میدان جنگ میں موجود رہے جبکہ باقی افراد میدان جنگ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ اس دن حضرت علی علیہ السلام کا کردار باقی تمام افراد سے سب سے زیادہ نمایاں تھا۔ اس معرکہ میں آپ کی تلوار ٹوٹ گئی تو پیغمبراکرمﷺ نے اپنی ذوالفقار نامی تلوار آپ کو دے دی اور حضرت علی علیہ السلام نے اس تلوار سے آنحضرتﷺ کی حفاظت فرمائی۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: پیغمبراکرمﷺ نے حضرت جبرائیل کو آسمان اور زمین کے درمیان دیکھا جو کہہ رہے تھے: (لاَ فَتَى إِلاَّ عَلِيٌّ وَ لاَ سَيْفَ إِلاَّ ذُو الْفَقَارِ)۔ مکہ کے کافروں میں سے ایک نے حضرت مصعب کو شہید کیا اور اس کا خیال تھا کہ وہ رسول خداﷺ ہیں۔ لہذا اس نے اعلان کیا کہ لات و عزیٰ کی قسم محمدﷺقتل ہوگئے ہیں۔ میدان جنگ سے فرار ہونے والے مسلمانوں کو جب اطلاع ملی کہ پیغمبراکرمﷺزندہ ہیں تو وہ واپس آئے اور آکر آپ سے معذرت کی۔ اس جنگ میں ستر مسلمان سپاہی شہید ہوئے جن میں پیغمبراکرمﷺکے چچا حضرت حمزہ بھی شامل تھے۔ بہت سارے زخمی ہوئے اور رسول خداﷺ کے دندان مبارک شہید ہوئے۔ ماضی کے انتہائی حساس لمحات کو نہ بھولیں، کامیابیوں اور ناکامیوں کو یاد رکھیں، تجربات کو سند کے طور پر محفوظ رکھیں (وَ اِذۡ غَدَوۡتَ۔۔۔)۔ جنگ اور جہاد میں شرکت کرنے کا تقاضا یہ ہے کہ انسان تمام دنیوی تعلقات سے دل توڑے (وَ اِذۡ غَدَوۡتَ مِنۡ اَہۡلِکَ۔۔۔)۔ جنگ کی کمانڈ اور دفاعی حکمت عملی پیغمبراکرمﷺکے پاس ہے اور مسلمانوں کے رہبر کو بھی یہ اختیار حاصل ہے (تُبَوِّیٴُ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ مَقَاعِدَ لِلۡقِتَالِ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 122 تا 132
إِذۡ هَمَّت طَّآئِفَتَانِ مِنكُمۡ أَن تَفۡشَلَا وَٱللَّهُ وَلِيُّهُمَاۗ وَعَلَى ٱللَّهِ فَلۡيَتَوَكَّلِ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ ١٢٢ وَلَقَدۡ نَصَرَكُمُ ٱللَّهُ بِبَدۡرٖ وَأَنتُمۡ أَذِلَّةٞۖ فَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ لَعَلَّكُمۡ تَشۡكُرُونَ ١٢٣ إِذۡ تَقُولُ لِلۡمُؤۡمِنِينَ أَلَن يَكۡفِيَكُمۡ أَن يُمِدَّكُمۡ رَبُّكُم بِثَلَٰثَةِ ءَالَٰفٖ مِّنَ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةِ مُنزَلِينَ ١٢٤ بَلَىٰٓۚ إِن تَصۡبِرُواْ وَتَتَّقُواْ وَيَأۡتُوكُم مِّن فَوۡرِهِمۡ هَٰذَا يُمۡدِدۡكُمۡ رَبُّكُم بِخَمۡسَةِ ءَالَٰفٖ مِّنَ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةِ مُسَوِّمِينَ ١٢٥ وَمَا جَعَلَهُ ٱللَّهُ إِلَّا بُشۡرَىٰ لَكُمۡ وَلِتَطۡمَئِنَّ قُلُوبُكُم بِهِۦۗ وَمَا ٱلنَّصۡرُ إِلَّا مِنۡ عِندِ ٱللَّهِ ٱلۡعَزِيزِ ٱلۡحَكِيمِ ١٢٦ لِيَقۡطَعَ طَرَفٗا مِّنَ ٱلَّذِينَ كَفَرُوٓاْ أَوۡ يَكۡبِتَهُمۡ فَيَنقَلِبُواْ خَآئِبِينَ ١٢٧ لَيۡسَ لَكَ مِنَ ٱلۡأَمۡرِ شَيۡءٌ أَوۡ يَتُوبَ عَلَيۡهِمۡ أَوۡ يُعَذِّبَهُمۡ فَإِنَّهُمۡ ظَٰلِمُونَ ١٢٨ وَلِلَّهِ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَمَا فِي ٱلۡأَرۡضِۚ يَغۡفِرُ لِمَن يَشَآءُ وَيُعَذِّبُ مَن يَشَآءُۚ وَٱللَّهُ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ١٢٩ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تَأۡكُلُواْ ٱلرِّبَوٰٓاْ أَضۡعَٰفٗا مُّضَٰعَفَةٗۖ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ لَعَلَّكُمۡ تُفۡلِحُونَ ١٣٠ وَٱتَّقُواْ ٱلنَّارَ ٱلَّتِيٓ أُعِدَّتۡ لِلۡكَٰفِرِينَ ١٣١ وَأَطِيعُواْ ٱللَّهَ وَٱلرَّسُولَ لَعَلَّكُمۡ تُرۡحَمُونَ ١٣٢
ترجمہ
وہ وقت یاد کرو جب تمہارے دو گروہوں نے طے کرلیا کہ جنگ میں کمزوری دکھائیں اور راستہ ہی سے واپس لوٹ جائیں جبکہ اللہ ان کا یاور و مددگار تھا لہذا مومنوں کو چاہیے کہ وہ اللہ پر توکل کریں۔(۱۲۲) اللہ تو وہی ہے جس نے تمہیں جنگ بدر میں مدد دی جبکہ اس وقت تم کمزور تھے لہذا اللہ کا تقویٰ اپناؤتاکہ اس طرح تم اس کے شکر گزار رہو۔(۱۲۳) وہ وقت یاد کرو جب تم مومنوں سے یہ کہتے تھے کیا تمہارے لیے تمہارا رب کافی نہیں ہے کہ جس نے اپنی جانب سے تمہارے لیے تین ہزار فرشتے بھیجے کہ وہ تمہاری مدد کریں۔(۱۲۴) جی ہاں! اگر تم صبر کے ساتھ ثابت قدم رہو اور تقویٰ اپناؤ اور دشمن تمہارے اوپر غضب و غصہ کی حالت میں چڑھائی کرے تو تمہارا رب نشان والے پانچ ہزار فرشتوں کے ذریعہ تمہاری مدد کرے گا۔(۱۲۵) اللہ نے فرشتوں کے اترنے کو تمہارے لیے ایک بشارت قرار دیا تاکہ تمہارے دل پرسکون ہوجائیں اور کوئی مدد نہیں ہوتی مگر اللہ کی جانب سے جو غالب آنے والا حکیم ہے۔(۱۲۶) تاکہ کچھ کافر ہلاک ہوجائیں یا کچھ ذلیل و خوار ہوں تاکہ اس طرح وہ مایوس ہو کر واپس لوٹ جائیں۔(۱۲۷) (اے پیغمبر!) کافروں کے عمل کا اختیار تمہارے ہاتھ میں نہیں ہے یا تو اللہ ان کی توبہ قبول کرے یا انہیں عذاب دے کہ وہ سب ظالم ہیں۔(۱۲۸) جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے یہ سب اللہ کا ہے، وہ اپنی حکمت کے تحت جسے چاہتا ہے معاف کردیتا ہے اور جسے چاہتا ہے اسے عذاب دیتا ہے، اللہ تو بخشنے والا مہربان ہے۔(۱۲۹) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! سود مت کھاؤ، اللہ کی پروا کرو (تقویٰ اپناؤ) تاکہ تم کامیاب ہوجاؤ۔(۱۳۰) اور اپنے آپ کو اس آگ سے بچاؤ جسے کافروں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔(۱۳۱) اللہ اور رسول کی اطاعت کرو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔(۱۳۲)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت۱۲۲:

مسلمانوں کے دو گروہوں سے مراد اوس و خزرج ہیں جنہوں نے یہ طے کیا تھا کہ وہ جنگ میں شرکت نہ کریں گے۔ اس کمزوری کی کئی وجوہات بیان کی گئی ہیں: ۱۔ کافروں کا خوف جن کی تعداد مسلمانوں سے کئی گنا زیادہ تھی۔ ۲۔ مشورہ لیتے وقت ہماری بات کو اہمیت کیوں نہ دی گئی اور شہر کے اندر مورچہ بندی کا فیصلہ کیوں نہ کیا گیا۔ ۳۔پیغمبراکرمﷺنے اس بات کی اجازت کیوں نہ دی کہ جو یہودی مسلمانوں کے ہم پیمان تھے وہ ان کی مدد کریں۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے ان دو گروہوں کو گناہ میں مرتکب ہونے اور میدان جنگ سے فرار ہونے کے باوجود محفوظ رکھا اور چند افراد کے سواء سب اپنے فیصلہ سے پھر گئے اور مسلمان مجاہدین کے ساتھ جنگ میں شریک ہوئے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے فیصلوں سے آگاہ ہے اور اپنے پیغمبر کو بھی لوگوں کے نظریات اور خیالات سے آگاہ رکھتا ہے (اِذۡ ہَمَّتۡ)۔ اللہ تعالیٰ مومنوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑتا، خطرات کے وقت ان کا ہاتھ پکڑ لیتا ہے اور انہیں ہلاکت سے بچا لیتا ہے (وَ اللّٰہُ وَلِیُّہُمَا)۔ ایمان اور اللہ تعالیٰ پر توکل کامیابی کا اصلی سبب ہے (عَلَی اللّٰہِ فَلۡیَتَوَکَّلِ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ)۔

آیت۱۲۳:

(اَذِلَّۃٌ)جنگ بدر میں مومنوں کی تعداد کے کم ہونے کی طرف اشارہ ہے یا جنگی سازوسامان کی کمی کی طرف اشارہ ہے۔ جنگ بدر میں مسلمانوں کی کمزوری کا موازنہ جنگ احد میں ان کی طاقت سے کیا گیا ہے۔ چند آیات پہلے ہم نے پڑھا کہ خطرناک حالات میں صبر اور تقویٰ انسان کومشکلات سے نکالنے اور اس کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اس آیت میں جنگ بدر میں اس کے عملی مظاہرہ کو بیان کیا گیا ہے۔ اس آیت سے پہلے بھی اللہ تعالیٰ پر توکل کی بات کی گئی، جنگ بدر کے مجاہدین اس توکل کا عملی نمونہ اور مثال ہیں۔ اس آیت میں مسلمانوں کو خطاب ہے کہ تم نے جنگ بدر میں اللہ تعالیٰ کی مدد کا مشاہدہ کیا ہے تو جنگ احد کے حوالے سے کیوں پریشان ہو؟ غیبی امدادات کو نہ بھولیں (نَصَرَکُمُ اللّٰہُ بِبَدۡرٍ)۔ اللہ تعالیٰ پر توکل کریں کہ اس کی مدد کا مشاہدہ ہم نے میدان جنگ میں کیا ہے (وَ عَلَی اللّٰہِ فَلۡیَتَوَکَّلِ ۔۔۔نَصَرَکُمُ اللّٰہُ بِبَدۡرٍ)۔ جو بھی اللہ تعالیٰ کی نصرت کا طالب ہے تو وہ تقویٰ اپنائے (نَصَرَکُمُ اللّٰہُ ۔۔۔فَاتَّقُوا اللّٰہَ)۔

آیت ۱۲۴:

رہبر کے فرائض میں سے ایک یہ ہے کہ وہ لوگوں کو امید دلائے اور انہیں غیبی امداد کی طرف متوجہ کرے (اِذۡ تَقُوۡلُ لِلۡمُؤۡمِنِیۡنَ)۔ ایک مجاہد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے لطف و مہربانی پر امید رکھے (اَلَنۡ یَّکۡفِیَکُم)۔ فرشتے اللہ تعالیٰ کے حکم سے مومنوں کی خدمت کرتے ہیں(یُمِدَّکُمۡ رَبُّکُمۡ بِثَلٰثَۃِ اٰلٰفٍ مِّنَ الۡمَلٰٓئِکَۃِ)۔ اسلامی نقطہ نظر سے انسانوں کی زندگی فرشتوں کے عالَم کے ساتھ جڑی ہوئی ہے (یُمِدَّکُمۡ رَبُّکُمۡ بِثَلٰثَۃِ اٰلٰفٍ مِّنَ الۡمَلٰٓئِکَۃِ)۔

آیت ۱۲۵:

پچھلی آیت میں تین ہزار فرشتوں کی امداد کا ذکر ہوا، اس آیت میں پانچ ہزار فرشتوں کی امداد کا بیان ہے، یہ مجاہدین کے صبر و ثابت قدمی کی وجہ سے حاصل ہوا۔ استقامت اور تقویٰ غیبی امداد کے اترنے کے دو مؤثر اسباب ہیں (اِنۡ تَصۡبِرُوۡا وَ تَتَّقُوۡا ۔۔۔ یُمۡدِدۡکُمۡ رَبُّکُمۡ)۔ الٰہی امدادات کا تعلق فقط پیغمبراکرمﷺ کے زمانہ سے مخصوص نہیں (اِنۡ تَصۡبِرُوۡا وَ تَتَّقُوۡا ۔۔۔ یُمۡدِدۡکُمۡ رَبُّکُمۡ)۔ استقامت، تقویٰ کے ہمراہ ہو تو اس کی بڑی قدر و اہمیت ہے، وگرنہ ہٹ دھرمی اور ضد ہے (اِنۡ تَصۡبِرُوۡا وَ تَتَّقُوۡا)۔ متقین کے خلاف دشمن کا حملہ جس قدر بڑا ہو گا اسی مقدار میں اللہ تعالیٰ اپنی امدادات کو بڑھا دے گا (یَاۡتُوۡکُمۡ مِّنۡ فَوۡرِہِمۡ ۔۔۔بِخَمۡسَۃِ اٰلٰفٍ)۔

آیت ۱۲۶:

محاذ جنگ پر موجود مجاہدوں کے لیے ذہنی سکون اور دل کا اطمینان ضروری ہے (بُشۡرٰی لَکُمۡ وَ لِتَطۡمَئِنَّ)۔ مادی، معنوی، نفسیاتی اور انسانی وسائل الٰہی ارادہ کے بغیر کچھ فائدہ نہیں دیتے (مَا النَّصۡرُ اِلَّا مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ)۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت اس کی حکمت کے تحت ہے لہذا ایسا ہو سکتا ہے کہ مسلمان بھی شکست سے دوچار ہوں (الۡعَزِیۡزِ الۡحَکِیۡمِ)۔

آیت ۱۲۷:

کفر کے بڑوں کا یا تو مکمل طور پر خاتمہ کیا جائےیا انہیں ذلیل و خوار و مایوس کیا جائے، ان کے خلاف ایسے عارضی اقدامات اور کمزور پالیسیوں پر راضی اور خوش نہ ہوں جو ان کو خاطر خواہ نقصان نہ پہنچا سکیں (لِیَقۡطَعَ طَرَفًا مِّنَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا)۔ مسلمانوں میں ایسا اتحاد ہو اور ان کی سیاسی اور انتظامی طاقت ایسی ہو کہ دشمن ان کے خلاف کوئی عملی اقدام کرنے کی جرائت نہ کرسکے(فَیَنۡقَلِبُوۡا خَآئِبِیۡنَ)۔

آیت ۱۲۸:

جب قائد میں مکمل سچائی ہو تو وہ ان آیات کو بھی وضاحت کے ساتھ بیان کرتا ہے جن میں اس کی ذمہ داریوں کو اس سے سلب کیا گیا ہے اور وہ اپنی رعیت سے کچھ بھی نہیں چھپاتا، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ تمہارا کام نہیں ہے، تم لوگوں کی کامیابی کے ذمہ دار نہیں ہو، ہوسکتا ہےکہ مستقبل میں اللہ انہیں معاف کردے یا ممکن ہے انہیں ان کے حال پر چھوڑ دے اور ممکن ہے اللہ تعالیٰ انہیں عذاب دے، ان کے ساتھ کیا کرنا ہے یہ تیری ذمہ داری نہیں۔ معاف کرنا یا عذاب دینا یہ اللہ تعالیٰ کا اختیار ہے، اولیاء کی شفاعت بھی اللہ تعالیٰ کی اجازت کےبغیر نہیں ہوسکتی (لَیۡسَ لَکَ مِنَ الۡاَمۡرِ شَیۡءٌ)۔ توبہ کا دروازہ ان کے لیے بھی کھلا ہے جو جنگ سے فرار ہوتے ہیں اور ان کفار کے لیے بھی کھلا ہے جنہوں نے مسلمانوں کو بہت بڑا نقصان پہنچایا (اَوۡ یَتُوۡبَ عَلَیۡہِمۡ)۔

آیت ۱۲۹:

یہ آیت پچھلی آیت کے مضمون کی تاکید ہے کہ سزا دینا یا معاف کرنا فقط اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے کیونکہ پوری کائنات کی حاکمیت اور مالکیت اللہ تعالیٰ کے لیے ہے۔یہ بات معلوم ہے کہ معاف کرنا یا عذاب دینا الٰہی حکمت اور ان حالات کے تحت ہے جو انسان اپنے اندر یا معاشرہ میں مہیا کرتا ہے۔ الٰہی نظام میں اصل اور بنیاد معافی دینے اور مغفرت پر ہے۔(یَغۡفِرُ)کو (یُعَذِّبُ)سے پہلے لانا اس بات کی طرف اشارہ ہے۔

آیت ۱۳۰۔۱۳۱:

یہ آیت اور اس کے بعد آنے والی آٹھ آیات جنگ احد سے متعلق آیات کے درمیان آئی ہیں۔ شاید یہ اس لیے ہو کہ اخلاقی اور معاشی مسائل دفاعی نظام میں مؤثر ہیں۔ ایسا معاشرہ جس کے افراد میں اخلاص، ایثار و قربانی کا جذبہ، نیکی کے کاموں میں پیش قدم ہونے کا رویہ موجود ہو، رہبر و قائد کی اطاعت کی جاتی ہو تو ایسا معاشرہ جنگ کے میدان میں بھی کامیاب ہوگا۔ لیکن جس معاشرے کے افراد مال پرست اور کنجوس، نافرمان اور گناہوں میں گھرے ہوئے ہوں تو ایسا معاشرہ یقینی طور پر جنگ میں شکست کھائے گا۔ سود کو حرا م قرار دینے کی آیات تدریجی نازل ہوئیں، پہلے قدم میں سود خوری پر تنقید کی گئی (وَ اَخۡذِہِمُ الرِّبٰوا وَ قَدۡ نُہُوۡا عَنۡہُ) ’’نسا،۱۶۱‘‘، دوسرے مرحلے میں کئی گنا سود لینے سے منع کیا گیا اور تیسرے مرحلے میں سود لینے کو مکمل طور پر حرام قرار دیا گیااور سود خوری کو اللہ تعالیٰ سے جنگ کے مترادف قرار دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے دستورات پر عمل کرنے کی بنیاد ایمان ہے (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا لَا تَاۡکُلُوا الرِّبٰۤوا)۔ معاشی امور میں تقویٰ کا لحاظ رکھنا بہت زیادہ ضروری ہے (لَا تَاۡکُلُوا الرِّبٰۤوا۔۔۔اتَّقُوا اللّٰہَ)۔ سود خور نہ تو دنیا میں کامیاب ہے ’’اس کی وجہ معاشرہ میں طبقاتی فاصلہ پیدا ہونا ہے جس کی وجہ سے محروم طبقات میں بغض و کینہ اور نفرت پیدا ہوجاتی ہے‘‘ اور نہ ہی آخرت میں کامیاب ہوگا ’’کیونکہ آخرت میں وہ اللہ تعالیٰ کے قہر عذاب میں مبتلا ہوگا‘‘ (لَا تَاۡکُلُوا الرِّبٰۤوا ۔۔۔لَعَلَّکُمۡ تُفۡلِحُوۡنَ)۔ سود کھانے والا مسلمان بھی اسی عذاب میں مبتلا ہو گا جو عذاب سود کھانے والے کافر کے لیے مہیا کیا گیا ہے (اُعِدَّتۡ لِلۡکٰفِرِیۡنَ)۔ دوزخ کافروں کے لیے تیار کی گئی ہے، اگر مسلمانوں کو ایسا عذاب ملے گا تو اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے عملی طور پر کافروں سے مماثلت اختیار کی ہے (اُعِدَّتۡ لِلۡکٰفِرِیۡنَ)۔

آیت ۱۳۲:

جنگ احد میں مسلمانوں کی شکست کا سبب پیغمبراکرمﷺ کی نافرمانی تھی کہ جن افراد کو درہ کی حفاظت کی ذمہ داری دی گئی تھی انہوں نے مال غنیمت جمع کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنے سے غفلت کی اور درہ چھوڑ دیا۔ مال کا لالچ سبب بنا کہ انہوں نے اس اہم مورچہ کو چھوڑ دیا اور دشمن اسی جگہ سے مسلمانوں پر ٹوٹ پڑا اور مسلمانوں کی فتح شکست میں بدل گئی۔ پیغمبراکرمﷺکے سرکاری اور حکومتی فرامین اور احکامات اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی طرح واجب اور ضروری ہیں (وَ اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ الرَّسُوۡلَ)۔ جو کوئی اللہ تعالٰی اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہوئے سود خوری کو چھوڑ دے اور لوگوں پر رحم کرے تو اسے اللہ تعالیٰ کی رحمت ملے گی (اَطِیۡعُوا۔۔۔تُرۡحَمُوۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی اطاعت کا ثمر اور فائدہ خود انسان کے لیے ہے، اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے لیے اس کا کچھ فائدہ نہیں (لَعَلَّکُمۡ تُرۡحَمُوۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 133 تا 140
۞ وَسَارِعُوٓاْ إِلَىٰ مَغۡفِرَةٖ مِّن رَّبِّكُمۡ وَجَنَّةٍ عَرۡضُهَا ٱلسَّمَٰوَٰتُ وَٱلۡأَرۡضُ أُعِدَّتۡ لِلۡمُتَّقِينَ ١٣٣ ٱلَّذِينَ يُنفِقُونَ فِي ٱلسَّرَّآءِ وَٱلضَّرَّآءِ وَٱلۡكَٰظِمِينَ ٱلۡغَيۡظَ وَٱلۡعَافِينَ عَنِ ٱلنَّاسِۗ وَٱللَّهُ يُحِبُّ ٱلۡمُحۡسِنِينَ ١٣٤ وَٱلَّذِينَ إِذَا فَعَلُواْ فَٰحِشَةً أَوۡ ظَلَمُوٓاْ أَنفُسَهُمۡ ذَكَرُواْ ٱللَّهَ فَٱسۡتَغۡفَرُواْ لِذُنُوبِهِمۡ وَمَن يَغۡفِرُ ٱلذُّنُوبَ إِلَّا ٱللَّهُ وَلَمۡ يُصِرُّواْ عَلَىٰ مَا فَعَلُواْ وَهُمۡ يَعۡلَمُونَ ١٣٥ أُوْلَٰٓئِكَ جَزَآؤُهُم مَّغۡفِرَةٞ مِّن رَّبِّهِمۡ وَجَنَّٰتٞ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُ خَٰلِدِينَ فِيهَاۚ وَنِعۡمَ أَجۡرُ ٱلۡعَٰمِلِينَ ١٣٦ قَدۡ خَلَتۡ مِن قَبۡلِكُمۡ سُنَنٞ فَسِيرُواْ فِي ٱلۡأَرۡضِ فَٱنظُرُواْ كَيۡفَ كَانَ عَٰقِبَةُ ٱلۡمُكَذِّبِينَ ١٣٧ هَٰذَا بَيَانٞ لِّلنَّاسِ وَهُدٗى وَمَوۡعِظَةٞ لِّلۡمُتَّقِينَ ١٣٨ وَلَا تَهِنُواْ وَلَا تَحۡزَنُواْ وَأَنتُمُ ٱلۡأَعۡلَوۡنَ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ ١٣٩ إِن يَمۡسَسۡكُمۡ قَرۡحٞ فَقَدۡ مَسَّ ٱلۡقَوۡمَ قَرۡحٞ مِّثۡلُهُۥۚ وَتِلۡكَ ٱلۡأَيَّامُ نُدَاوِلُهَا بَيۡنَ ٱلنَّاسِ وَلِيَعۡلَمَ ٱللَّهُ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَيَتَّخِذَ مِنكُمۡ شُهَدَآءَۗ وَٱللَّهُ لَا يُحِبُّ ٱلظَّٰلِمِينَ ١٤٠
ترجمہ
اپنے رب کی بخشش اور مغفرت کے کاموں میں تیزی سے جاؤ اور اس بہشت کی جانب جس کی وسعت آسمانوں اور زمین کے برابر ہے جسے متقین کے لیے آمادہ کیا گیا ہے۔(۱۳۳) وہ لوگ ایسے ہیں جو خوشحالی اور مشکل مالی حالات میں انفاق کرتے ہیں، غصے کو پی جاتے ہیں اور لوگوں کی خطائیں معاف کردیتے ہیں، اللہ نیک عمل کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔ (۱۳۴) اور وہ ایسے ہیں کہ جب برائی کرتے ہیں یااپنے اوپر ظلم کرتے ہیں تو اللہ کو یاد کرتے ہیں اور اپنے گناہوں کے لیے استغفار کرتے ہیں اور اللہ کے سواء کون ہے جو گناہوں کو بخش دے اور جو گناہ انہوں نے انجام دئے ہیں جن کا انہیں علم ہے تو وہ ان گناہوں پر اصرار نہیں کرتے۔(۱۳۵) یہ وہ ہیں جن کے لیے ان کے رب کی طرف سے مغفرت ہے اور باغات ان کے لیے ہیں کہ ان کے نیچے نہریں جاری ہیں، وہ ان میں ہمیشہ کے لیے ہوں گے، عمل کرنے والوں کے لیے کتنا ہی اچھا ثواب ہے۔(۱۳۶) یقینی امر ہے کہ تم سے پہلے مختلف آداب و روایات (رکھنے والی اقوام)گزری ہیں، لہذا تم زمین میں گھومو پھرو اور اس پر توجہ کرو کہ جھٹلانے والوں کا انجام کیا ہوا تھا۔(۱۳۷) یہ قرآن سب لوگوں کے لیے حقائق کو واضح کرنے والا اور متقیوں کے لیے ہدایت اور نصیحت آموزی کا وسیلہ ہے۔(۱۳۸) (جب دشمن کے مد مقابل جاؤ تو) کمزوری مت دکھاؤ اور مصائب اور مشکلات سے غمگین مت ہوں کہ تم ہی برتر ہو بشرطیکہ تم ایمان والے ہو۔(۱۳۹) (اگر جنگ احد میں تمہیں) نقصان پہنچا ہے تو (جنگ بدر میں) کافروں کو بھی اسی طرح کا نقصان ہوا اور یہ ہیں وہ ایام جنہیں ہم لوگوں کے درمیان گھماتے رہتے ہیں اور اس طرح اللہ جاننا چاہتا ہے کہ مومن کون ہیں اور چاہتا ہے کہ تم میں سے کچھ کو گواہ قرار دے، اللہ تو ظالموں کوپسند نہیں کرتا۔(۱۴۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۳۳:

بخشش اور مغفرت اللہ کا کام ہے۔مغفرت کی جانب تیزی سے جانے کا مطلب یہ ہے کہ ایسے کاموں کو تیزی سے انجام دیا جائے جن کے نتیجہ میں مغفرت ملے۔ نیکی کے کام میں تیزی دکھانا اس کام کی قدر کو بڑھادیتا ہے (سَارِعُوۡۤا)۔ کامل مغفرت ملنے کے بعد ہی بہشت میں جا سکیں گے (مَغۡفِرَۃٍ۔۔۔جَنَّۃٍ)۔ جنت میں جانے کی شرط متقین میں شامل ہونا ہے(جَنَّۃٍ۔۔۔اُعِدَّتۡ لِلۡمُتَّقِیۡنَ)۔

آیت ۱۳۴:

پچھلی آیات میں سود کی حرمت کو بیان کیا گیا۔ اس آیت میں انفاق اور معاف کرنے کی بات کی گئی ہے اور درگزر کرنے والے کی تعریف کی گئی ہے۔ امام سجاد علیہ السلام کا ایک غلام تھا جو آپ کے سر اور چہرے کو دھلانے کے لیے پانی ڈال رہا تھا کہ اس کے ہاتھ سے برتن گرا اور امام علیہ السلام کا سر زخمی ہوگیا۔ جیسے ہی اس سے یہ غلطی ہوئی تو اس نے فوراً (وَ الۡکٰظِمِیۡنَ الۡغَیۡظَ) کہا۔ امام علیہ السلام نے یہ سن کر فرمایا:(کَظَمْتُ غَیْظِی) میں نے اپنا غصہ پی لیا۔ غلام نے آیت کا اگلا جملہ پڑھا (وَ الۡعَافِیۡنَ عَنِ النَّاسِ) تو امام علیہ السلام نے فرمایا: (عَفَوْتُ عَنْکَ) میں نے تجھے معاف کردیا۔ اس نے آیت کا اگلا جملہ پڑھا (وَ اللّٰہُ یُحِبُّ الۡمُحۡسِنِیۡنَ)تو امام علیہ السلام نے یہ سن کر فرمایا:(اَنْتَ حُرٌ) میں نے تجھ آزاد کر دیا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں کہ جب کوئی آدمی اپنا غصہ پی جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ دنیا و آخرت میں اس کی عزت بڑھا دیتا ہے، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے(وَ اللّٰہُ یُحِبُّ الۡمُحۡسِنِیۡنَ) یہ غصہ پی جانے کا نتیجہ ہے۔ تقویٰ انفاق سے الگ نہیں ہے (اُعِدَّتۡ لِلۡمُتَّقِیۡنَ،الَّذِیۡنَ یُنۡفِقُوۡنَ۔۔۔)۔ انفاق کے لیے سخاوت کی ضرورت ہے، مال و ثروت کی نہیں (فِی السَّرَّآءِ وَ الضَّرَّآءِ)۔ مالی خوشحالی کے زمانہ میں ہمیں محروم طبقات سے غافل نہیں رہنا چاہیے اور تنگدستی کے دور میں بھی یہ نہ کہیں کہ ہمارے پاس تو کچھ نہیں ہے (فِی السَّرَّآءِ وَ الضَّرَّآءِ)، ہر حال میں اللہ تعالیٰ کی راہ میں انفاق مطلوب اور پسندیدہ عمل ہے۔ متقین اپنی نفسانی خواہشات کے تابع نہیں ہوتے بلکہ وہ ہر طرح کی قید و بند سے آزاد ہوتے ہیں، اپنے مالک وہ خود ہی ہوتے ہیں اور اپنے اوپر ان کی اپنی حکمرانی ہوتی ہے، وہ خواہشات کے تابع نہیں ہوتے (الۡکٰظِمِیۡنَ الۡغَیۡظَ)۔ متقی آدمی معاشرہ سے الگ تھلگ نہیں رہتا بلکہ وہ اپنے مال اور اپنے اعلیٰ اخلاق کے ہمراہ لوگوں کے درمیان ہی رہتا ہے (یُنۡفِقُوۡنَ، الۡکٰظِمِیۡنَ،الۡعَافِیۡنَ)۔ جو شخص اللہ تعالیٰ کا محبوب بننا چاہتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ مال سے دل نہ لگائے اور غصہ کو پی جائے (وَ اللّٰہُ یُحِبُّ الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔ محروموں پر انفاق کرنا اور لوگوں کی خطاؤں سے درگزر کرنا احسان اور نیک عمل کے مصادیق سے ہے (یُنۡفِقُوۡنَ، الۡکٰظِمِیۡنَ،الۡعَافِیۡنَ، الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔

آیت ۱۳۵:

احادیث میں ہے کہ اپنے گذشتہ گناہوں سے بے توجہی اور توبہ نہ کرنا گناہ میں اصرار کرنا شمار ہوتا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: جب یہ آیت نازل ہوئی تو ابلیس نے اپنے تمام کارندوں کو اکٹھا کیا اور ان سے اس حوالے سے تجاویز طلب کی، جب اس کے کارندوں نے تجاویز دی تو اس نے ان کو قبول نہ کیا، وسواس خناس نے کہا: میرے پاس اس کا حل موجود ہے، میں انہیں وعدوں پر قرار دوں گا اور انہیں خواہشات اور امیدوں میں مبتلا کروں گا تاکہ وہ گناہ کا ارتکاب کریں اور جس وقت وہ گناہ کرلیں گے تو انہیں توبہ اور استغفار کرنا بھلا دوں گا۔ متقیوں سے بھی بعض اوقات گناہ سرزد ہوجاتا ہے (لِلۡمُتَّقِیۡنَ۔۔۔ وَ الَّذِیۡنَ اِذَا فَعَلُوۡا فَاحِشَۃً)۔ گناہ کے ارتکاب سے زیادہ خطرناک گناہ سے غافل ہونا اور گناہ بارے بے توجہی کرنا ہے، متقین اگر گناہ کرتے ہیں تو فوراً توبہ و استغفار کرتے ہیں (اِذَا فَعَلُوۡا فَاحِشَۃً۔۔۔ذَکَرُوا اللّٰہَ فَاسۡتَغۡفَرُوۡا)۔ جب تک گنہگار کے دل میں خدا کی یاد باقی ہے وہ اپنے آپ کو متقین میں شامل کرسکتا ہے (اِذَا فَعَلُوۡا فَاحِشَۃً۔۔۔ذَکَرُوا اللّٰہَ)۔ گناہ کا ارتکاب اپنے آپ پر ظلم ہے (ظَلَمُوۡۤا اَنۡفُسَہُمۡ)۔ متقی وہ ہوتا ہے جو گناہ پر اصرار نہ کرے کیونکہ گناہ پر اصرار کرنا گناہ کو معمولی خیال کرنا اور یاد خدا سے غافل ہونے کا سبب ہے۔ گناہ پر اصرار اللہ تعالیٰ کی مغفرت سے محروم ہونے کا سبب ہے (وَ مَنۡ یَّغۡفِرُ الذُّنُوۡبَ اِلَّا اللّٰہُ ۪۟ وَ لَمۡ یُصِرُّوۡا)۔

آیت ۱۳۶:

پے در پے تین آیات کے آخر میں (مُتَّقِیۡنَ)، (الۡمُحۡسِنِیۡنَ)، (الۡعٰامِلِیۡنَ) کا آنا اس بات کی نشانی ہے کہ تقویٰ الگ تھلگ اور معاشرہ سے کٹ کر رہنے کا نام نہیں بلکہ میدان میں موجود رہنا، معاشرہ کے درمیان ہونا اور عمل اور احسان کے ساتھ ساتھ ہے۔ جب تک انسان گناہ سے پاک نہ ہو جنت میں جانے کی لیاقت نہیں رکھتا (مَغۡفِرَۃٌ ۔۔۔ جَنّٰاتٌ)۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عفو و مغفرت انسان کی تربیت کے لیے ہے (مَغۡفِرَۃٌ مِّنۡ رَّبِّہِمۡ)۔ صرف آرزو اور امید لگا نے سے اللہ تعالیٰ کے الطاف اور مہربانیاں نہیں مل سکتیں بلکہ اس کے لیے عمل بجا لانا ضروری ہے (نِعۡمَ اَجۡرُ الۡعٰمِلِیۡنَ)۔

آیت ۱۳۷:

اس آیت میں سوشیالوجی اور معاشرہ میں عزت و ذلت کے اصول اور ان کی اہمیت بیان ہوئی ہے: الف: حق کو قبول کرنا نجات اور سعادت کا وسیلہ ہے۔ ب: حق کو جھٹلانا ہلاکت اور بربادی ہے۔ ج: الٰہی امتحانات سب کے لیے ہیں۔ د: حق کے طرفداروں کے لیے غیبی امدادات ہیں۔ ھ: ظالموں کو مہلت دی جاتی ہے۔ و: اولیاء اللہ کی استقامت بلند تر اہداف کے حصول کا سبب ہوتی ہے۔ ز: کافروں کی سازشیں اور ان کے منصوبوں کو ناکام بنانا اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ انسانوں کی تاریخ پر کچھ قوانین اور روایات طے شدہ ہیں ان کی شناخت اور معرفت انسان کے لیے مفید ہے (قَدۡ خَلَتۡ مِنۡ قَبۡلِکُمۡ سُنَنٌ)۔ ماضی کے لوگوں کی تاریخ مستقبل میں آنے والوں کے لیے چراغ راہ کی حیثیت رکھتی ہے (فَسِیۡرُوۡا ۔۔۔ فَانۡظُرُوۡا)۔ با مقصد سیرو سیاحت اور اس میں غور و فکر انسانوں کی تربیت کا بہترین وسیلہ ہے(فَسِیۡرُوۡا۔۔۔ فَانۡظُرُوۡا)۔ آنے والی نسلوں کی عبرت کے لیے آثار قدیمہ کی حفاظت ضروری ہے۔ تاریخ کے مطالعہ میں جلوے اہم نہیں ہیں بلکہ کام کا انجام اہم ہے (فَسِیۡرُوۡا۔۔۔ فَانۡظُرُوۡا کَیۡفَ کَانَ عَاقِبَۃُ الۡمُکَذِّبِیۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی جانے والی سزائیں صرف قیامت سے متعلق نہیں ہیں بلکہ بعض دفعہ اسی دنیا میں بھی اللہ تعالیٰ کا غضب ظالموں کو گھیر لیتا ہے اور انہیں سزا ملتی ہے (عَاقِبَۃُ الۡمُکَذِّبِیۡنَ)۔

آیت ۱۳۸:

(ہٰذَا)یا آیت ۱۳۰ سے ۱۳۷ تک کے مطالب کی طرف اشارہ ہے یا پچھلی آیت میں بیان شدہ عبرتوں اور الٰہی سنتوں کی طرف اشارہ ہے۔ قرآن مجید سب لوگوں کے لیے ہے اور تمام زمانوں اور ساری جگہوں کے حوالے سے ہے (لِلنَّاسِ)۔ اگرچہ قرآن مجید سب لوگوں کے لیے ہے لیکن فقط متقین اور نیک عمل کرنے والے ہی اس سے نصیحت پکڑتے ہیں اور اثر لیتے ہیں (مَوۡعِظَۃٌ لِّلۡمُتَّقِیۡنَ)۔

آیت ۱۳۹:

مسلمانوں کا ایک جنگ میں شکست کھا جانے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ہر جنگ میں شکست کھا جائیں گے (وَ لَا تَہِنُوۡا وَ لَا تَحۡزَنُوۡا وَ اَنۡتُمُ الۡاَعۡلَوۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ پر ایمان اور اس کی اطاعت کی طرف پلٹ جائیں تو جنگوں میں فتح ملے گی (اَنۡتُمُ الۡاَعۡلَوۡنَ اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِیۡنَ)۔ ایمان کے سایہ تلے پوری دنیا پر غالب آسکتے ہیں (اَنۡتُمُ الۡاَعۡلَوۡنَ اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِیۡنَ)۔ مادی نظریہ حیات میں کامیابی کا انحصار صرف اسلحہ اور جنگی سازو سامان پر ہے جبکہ الٰہی نظریہ حیات میں کامیابی کا سبب ایمان ہے (اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِیۡنَ)۔

آیت ۱۴۰:

اگرچہ عام طور پر کلمہ شہادت، شاہد، شہید گواہ کے معنی میں ہے لیکن آیت کے شان نزول اور جنگ کا معاملہ، محاذ جنگ میں زخمی ہونا اور ان جیسے مناظر میں آیت کا معنی کیا جائے تو جنگ میں مارے جانے والے افراد سے اس کا معنی کیا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے اس آیت کے متعلق فرمایا: جس دن اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا کیا اسی وقت سے الٰہی حکومت و قدرت اور شیطانی اقتدار دونوں مد مقابل ہیں لیکن زمین پر اللہ کی کامل حکومت اور ہر لحاظ سے الٰہی اقتدار حضرت امام مہدی علیہ السلام کی قیادت میں قائم ہوگا۔ تلخ و شرین واقعات و حادثات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے (تِلۡکَ الۡاَیَّامُ نُدَاوِلُہَا بَیۡنَ النَّاسِ)۔ جنگ اور زندگی کے نشیب و فراز میں مومنوں کی پہچان ہوتی ہے کہ ایمان کے دعویدار کون ہیں اور حقیقی ایمان والے کون ہیں (لِیَعۡلَمَ اللّٰہُ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا)۔ کافروں کی وقتی کامیابی اس بات کی دلیل نہیں کہ وہ اللہ تعالیٰ کے محبوب ہیں یا اللہ تعالٰی ان سے راضی ہے، ایسا ہر گز نہیں (اللّٰہُ لَا یُحِبُّ الظّٰلِمِیۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 141 تا 148
وَلِيُمَحِّصَ ٱللَّهُ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَيَمۡحَقَ ٱلۡكَٰفِرِينَ ١٤١ أَمۡ حَسِبۡتُمۡ أَن تَدۡخُلُواْ ٱلۡجَنَّةَ وَلَمَّا يَعۡلَمِ ٱللَّهُ ٱلَّذِينَ جَٰهَدُواْ مِنكُمۡ وَيَعۡلَمَ ٱلصَّٰبِرِينَ ١٤٢ وَلَقَدۡ كُنتُمۡ تَمَنَّوۡنَ ٱلۡمَوۡتَ مِن قَبۡلِ أَن تَلۡقَوۡهُ فَقَدۡ رَأَيۡتُمُوهُ وَأَنتُمۡ تَنظُرُونَ ١٤٣ وَمَا مُحَمَّدٌ إِلَّا رَسُولٞ قَدۡ خَلَتۡ مِن قَبۡلِهِ ٱلرُّسُلُۚ أَفَإِيْن مَّاتَ أَوۡ قُتِلَ ٱنقَلَبۡتُمۡ عَلَىٰٓ أَعۡقَٰبِكُمۡۚ وَمَن يَنقَلِبۡ عَلَىٰ عَقِبَيۡهِ فَلَن يَضُرَّ ٱللَّهَ شَيۡـٔٗاۚ وَسَيَجۡزِي ٱللَّهُ ٱلشَّٰكِرِينَ ١٤٤ وَمَا كَانَ لِنَفۡسٍ أَن تَمُوتَ إِلَّا بِإِذۡنِ ٱللَّهِ كِتَٰبٗا مُّؤَجَّلٗاۗ وَمَن يُرِدۡ ثَوَابَ ٱلدُّنۡيَا نُؤۡتِهِۦ مِنۡهَا وَمَن يُرِدۡ ثَوَابَ ٱلۡأٓخِرَةِ نُؤۡتِهِۦ مِنۡهَاۚ وَسَنَجۡزِي ٱلشَّٰكِرِينَ ١٤٥ وَكَأَيِّن مِّن نَّبِيّٖ قَٰتَلَ مَعَهُۥ رِبِّيُّونَ كَثِيرٞ فَمَا وَهَنُواْ لِمَآ أَصَابَهُمۡ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ وَمَا ضَعُفُواْ وَمَا ٱسۡتَكَانُواْۗ وَٱللَّهُ يُحِبُّ ٱلصَّٰبِرِينَ ١٤٦ وَمَا كَانَ قَوۡلَهُمۡ إِلَّآ أَن قَالُواْ رَبَّنَا ٱغۡفِرۡ لَنَا ذُنُوبَنَا وَإِسۡرَافَنَا فِيٓ أَمۡرِنَا وَثَبِّتۡ أَقۡدَامَنَا وَٱنصُرۡنَا عَلَى ٱلۡقَوۡمِ ٱلۡكَٰفِرِينَ ١٤٧ فَـَٔاتَىٰهُمُ ٱللَّهُ ثَوَابَ ٱلدُّنۡيَا وَحُسۡنَ ثَوَابِ ٱلۡأٓخِرَةِۗ وَٱللَّهُ يُحِبُّ ٱلۡمُحۡسِنِينَ ١٤٨
ترجمہ
تاکہ اللہ مومنوں کو خالص(ان کی چھان پھٹک) کرے اور کافروں کو تدریجاً ختم کر دے۔(۱۴۱) کیا تمہارا یہ خیال ہے کہ ایمان کا اعلان کرنے سے تم بہشت میں چلے جاؤ گے جبکہ ابھی تک اللہ نے تمہارے درمیان جو مجاہدین اور صبر کرنے والے ہیں انہیں معلوم نہیں کیا۔(۱۴۲) تم اس سے پہلے (راہ خدا میں)موت کی بہت زیادہ آرزو کرتے تھے اب جبکہ تم نے اسے (میدان جنگ میں) دیکھا ہے لیکن تم اسے (ناپسندیدگی کی نگاہ سے) دیکھتے ہو۔(۱۴۳) اور محمد(ﷺ) تو بس پیغمبر ہی ہیں، اس سے پہلے بھی پیغمبر گزر چکے ہیں، اگر وہ وفات پا جائیں یا قتل کردئے جائیں تو کیا تم الٹے پاؤں(جاہلیت کےدور میں) پلٹ جاؤ گے، جو شخص اپنے پچھلے سلسلہ میں پلٹ جائے تو وہ اللہ کو ہرگز نقصان نہیں پہنچا سکے گا، اللہ بہت جلد شکر کرنے والوں کو اجر دے گا۔(۱۴۴) کوئی بھی اللہ کے فرمان کے بغیر نہیں مرے گا، یہ طے شدہ تقدیر ہے، جو شخص دنیا کا ثواب چاہے تو اسے اس کا حصہ دیں گے اور جو آخرت کا ثواب چاہتا ہے تو اسے اس کا حصہ دیں گے اور بہت جلد شکر بجا لانے والوں کو ہم اجر دیں گے۔(۱۴۵) اور کتنے ہی ایسے پیغمبر گزرے ہیں کہ ان کے ہمراہ بہت سارے خدا پرست موجود تھے جنہوں نے جنگ لڑی پھر راہ خدا میں جو کچھ انہیں بھگتنا پڑا اس میں وہ کمزور نہ پڑے اور نہ ہی گھبرائے اور خود کو ذلت کے منہ میں نہ ڈالا، اللہ صبر کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔(۱۴۶) ان کی بات بس یہی تھی کہ اے ہمارے رب! ہمارے گناہوں کو اور جو ہم نےاپنے کاموں کو پورا انجام نہیں دیا تو ہمیں معاف کردے، ہمیں ثابت قدم رکھ اور کافروں کے مقابلے میں ہماری مدد فرما۔(۱۴۷) چنانچہ اللہ نے انہیں دنیا کا اجر بھی دیا اور آخرت کا اچھا ثواب بھی عطا کیا اور اللہ نیک عمل کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔(۱۴۸)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۴۱:

اللہ تعالیٰ یہ چاہتا ہے کہ مسلمانوں کو جنگ احد میں ان کی شکست کے اسباب بتائے تاکہ مسلمان اپنی اصلاح بارے سوچیں اور ان کمزوریوں کو دور کریں اور مستقبل میں جو کچھ ہونے والا ہے اس کے لیے ابھی سے تیاری شروع کردیں۔ بعض دفعہ بیداری کا سبب بننے والی شکست، کم عمق اور غفلت کی حالت میں ملنے والی فتح سے زیادہ بہتر ہوتی ہے۔ جنگ کا میدان انسانوں کو پرکھنے کا بہترین معیار ہے کہ اس میں پاکیزہ و خالص افراد اور ناخالص افراد ایک دوسرے سے جدا ہوجاتے ہیں(لِیُمَحِّصَ اللّٰہُ)۔ تاریخ کا مستقبل کفر کی تباہی کی طرف رواں دواں ہے(وَ یَمۡحَقَ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔

آیت ۱۴۲:

یہ آیت مومنین کے جہاد، صبر اور استقامت کی طرف اشارہ کر رہی ہے کیونکہ صبر اور جہاد ہی کے ذریعے بہشت حاصل ہو سکتی ہے۔ قرآن مجید میں ہے (سَلٰمٌ عَلَیۡکُمۡ بِمَا صَبَرۡتُمۡ)’’رعد، ۲۴‘‘ اے بہشتیو! تم پر سلام ہو کہ جس بہشت کو تم نے صبر و استقامت کے ذریعہ حاصل کر لیا ہے۔ اس آیت میں یہ نہیں کہا کہ تم پر سلام ہو اس بنا پر کہ تم نے حج، روزہ، خمس اور زکات کو انجام دیا ہے کیونکہ ہر عمل صبر و استقامت ہی سے انجام پاتا ہے۔ لہذا اعمال کو بیان کرنے کی بجائے صبر و استقامت کو بیان کیا ہے جس کے تحت انسان اپنے واجبات کو ادا کرتا ہے اور حرام سے خود کو بچاتا ہے۔ بے جا امیدیں اور توقعات چھوڑ دیں جو باطل پر قائم ہیں (اَمۡ حَسِبۡتُمۡ)۔ قلبی ایمان کافی نہیں بلکہ قلبی ایمان کے ساتھ سعی و کوشش اور عمل بھی ضروری ہے۔ بہشت کو حاصل کرنے کے لیے اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی، بہشت بغیر قیمت ادا کئے کسی کو نہیں ملتی (اَمۡ حَسِبۡتُمۡ اَنۡ تَدۡخُلُوا الۡجَنَّۃَ وَ لَمَّا یَعۡلَمِ۔۔۔)۔ بہشت کی چابی صبر و جہاد ہے، مصیبت کے وقت صبر کرنا، معصیب اور گناہ کو ترک کرنا، عبادت انجام دینا ؛ جہاد اکبر کے میدان میں حاضر ہونا اور جہاد اصغر میں شریک ہونا (وَ یَعۡلَمَ الصّٰبِرِیۡنَ)۔ جہاد کے لیے صبر و استقامت ضروری ہے کیونکہ جنگ کے آغاز اور اختتام کے بعد اس کے اثرات کو جاری رکھنے کے لیے صبر و بردباری ضروری ہے (جٰہَدُوۡا مِنۡکُمۡ وَ یَعۡلَمَ الصّٰبِرِیۡنَ)۔

آیت ۱۴۳:

جنگ بدر میں مسلمانوں کو فتح حاصل ہوئی اور اس میں کچھ مسلمان شہید ہوئے۔ اس جنگ کے بعد کچھ مسلمان کہتے تھے کہ اے کاش! ہم بھی درجہ شہادت پر فائز ہوتے، لیکن وہی افراد ایک سال بعد جنگ احد میں میدان جنگ سے فرار ہوگئے، جس پر ان کی سرزنش ہوئی۔ اپنی آرزوؤں اور خیالات سے دل نہ لگائیں، ہر نعرہ پر اطمینان نہ کریں اور ہر اعلان کو قبول نہ کریں (وَ لَقَدۡ کُنۡتُمۡ۔۔۔ فَقَدۡ رَاَیۡتُمُوۡہُ)۔ میدان عمل، مردوں کی امتحان کی جگہ ہے (رَاَیۡتُمُوۡہُ۔۔۔ وَ اَنۡتُمۡ تَنۡظُرُوۡنَ)۔

آیت ۱۴۴:

جنگ احد میں جب یہ پروپیگنڈہ کیا گیا کہ رسول خداﷺ مارے جاچکے ہیں تو کمزور ایمان والے مسلمان میدان جنگ سے فرار ہوئے۔ لیکن مسلمانوں میں کچھ افراد ایسے بھی تھے جو اعلان کررہے تھے کہ اگر محمدﷺمارے بھی جاچکے ہوں تو ان کا راستہ باقی ہے، ان کا اللہ باقی ہے، فرار ہو کر مت جاؤ، واپس آجاؤ۔ پیغمبر کا فریضہ اللہ تعالیٰ کے پیغام کو پہنچانا ہے (وَ مَا مُحَمَّدٌ اِلَّا رَسُوۡلٌ)۔ اسلامی معاشرہ میں ایسا انتظام ہونا چاہیے کہ رہبر کی وفات سے معاشرے کے انتظام میں کوئی خلل واقع نہ ہو(اَفَا۠ئِنۡ مَّاتَ اَوۡ قُتِلَ انۡقَلَبۡتُمۡ)۔ پیغمبراسلامﷺ الٰہی قوانین اور سنتوں کے بھی تابع ہیں اور کائنات پر لاگو قدرتی قوانین جیسے موت، حیات اور بیماری جیسے قوانین کے بھی تابع ہیں (اَفَا۠ئِنۡ مَّاتَ اَوۡ قُتِلَ)۔ جھوٹی خبر پھیلانا دشمن کے ہتھکنڈوں سے ایک ہے (مَاتَ اَوۡ قُتِلَ)اس آیت کا شان نزول اسی حوالے سے ہے۔ پیغمبراکرمﷺ کی حیات محدود ہے لیکن ان کا بتایا ہوا راستہ محدود نہیں (اَفَا۠ئِنۡ مَّاتَ اَوۡ قُتِلَ)۔ شخصیت پرستی ممنوع ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کا راستہ معلوم ہو جائے تو افراد کے آنے جانے سے اس راستہ میں چلنے والوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا (اَفَا۠ئِنۡ مَّاتَ اَوۡ قُتِلَ)اپنے ایمان کو اس قدر مضبوط بنائیں کہ حادثات اور واقعات سے تمہارے ایمان پر کوئی اثر نہ پڑے۔ انبیاء کے راستے کو چھوڑنا زوال اور ترقی کے راستے سے پیچھے ہٹنے کا باعث بنتا ہے(انۡقَلَبۡتُمۡ عَلٰۤی اَعۡقَابِکُمْ)۔ لوگوں کا کفر اختیار کرنا اللہ تعالیٰ کو نقصان نہیں دیتا (فَلَنۡ یَّضُرَّ اللّٰہَ)۔ راہ حق میں استقامت کرنا شکر کی بہترین عملی شکل ہے اور اس کا اجر اللہ تعالیٰ کے پاس ہے (سَیَجۡزِی اللّٰہُ الشّٰکِرِیۡنَ)۔

آیت ۱۴۵:

جنگ سے فرار ہو کر انسان موت سے نہیں بچ سکتا (انۡقَلَبۡتُمۡ عَلٰۤی اَعۡقَابِکُمْ۔۔۔ مَا کَانَ لِنَفۡسٍ)۔ موت ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن ارادہ کرنا اور ہدف طے کرنا ہمارے اختیار میں ہے (وَ مَنۡ یُّرِدۡ۔۔۔)۔ اب جبکہ دنیا اور آخرت ہمارے سامنے ہے ہمیں ابدی راستہ اور اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کو انتخاب کرنا چاہیے(مَنۡ یُّرِدۡ ۔۔۔ نُؤۡتِہٖ مِنۡہَا)۔ ہر محرک اور عمل کا ایک خاص ردعمل ہوتا ہے۔ ہم جس راستے پر چلیں گے اسی راستہ کے خاص مقصد تک پہنچ جائیں گے(مَنۡ یُّرِدۡ ثَوَابَ الدُّنۡیَا۔۔۔ وَ مَنۡ یُّرِدۡ۔۔۔)۔

آیت ۱۴۶:

(رِبِّیُّوۡن) رِبّی کی جمع ہے جو ملّی کے وزن پر ہے ۔ رِبّی اس کو کہا جاتا ہے جس کا اپنے رب کے ساتھ مضبوط اور گہرا تعلق ہو اور دین کا پابند اور مخلص ہو، ایمان و عمل کے لحاظ سے سچا دیندار ہو۔ انبیاء کی تاریخ جہاد اور جہد و جہد سے بھری پڑی ہے (وَ کَاَیِّنۡ۔۔۔)۔ تاریخ میں مذکور اولیاء اللہ کی زندگی کا مطالعہ کریں اور ان کی استقامت سے درس عبرت لیں (وَ کَاَیِّنۡ مِّنۡ نَّبِیٍّ)۔ وہ جنگ اور جہاد برحق ہے جو الٰہی رہبر کی قیادت میں ہو (قٰاتَلَ ۙ مَعَہٗ) ماہ رمضان کی دعا میں ہے (اَللَّهُمَّ ارْزُقْنَا قَتْلاً فِي سَبِيلِكَ تَحْتَ رَايَةِ نَبِیِّکَ مَعَ أَوْلِيَائِكَ )۔ اگر چہ سارے مجاہد قابل قدر ہیں اور ان کی بلند شان ہے لیکن خداپرست اور علما مجاہدین کی اہمیت زیادہ ہے (رِبِّیُّوۡن)۔ اللہ تعالیٰ پر ایمان، استقامت کا سرچشمہ ہے (رِبِّیُّوۡنَ ۔۔۔فَمَا وَہَنُوۡا)۔ مشکلات، مصائب اور کمزوریاں، سستی اورکاہلی کا سبب نہ بنیں بلکہ انہیں مزید آگے بڑھنے اور نئے سرے سے کوشش کرنے کا وسیلہ قرار دیں (فَمَا وَہَنُوۡا لِمَاۤ اَصَابَہُمۡ)۔ الٰہی راستہ میں انسان کی مخلصانہ جدوجہد انسان کو جذبہ دیتی ہے اور مشکلات کو برداشت کرنا آسان بنا دیتی ہے (فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ مشکلات اور نامساعد حالات مخلص مومن کو دشمن کے آگے تسلیم ہونے پر مجبور نہیں کرسکتے (وَ مَا اسۡتَکَانُوۡا)۔ بابصیرت مجاہدین اندر سے اپنا جذبہ ختم نہیں ہو نے دیتے (فَمَا وَہَنُوۡا) اور ظاہری جنگی قوت کو بھی ہاتھ سے نہیں دیتے (وَ مَا ضَعُفُوۡا)اور نامساعد حالات کی وجہ سے تسلیم بھی نہیں ہوتے (وَ مَا اسۡتَکَانُوۡا)۔ حق پر قائم رہتے ہوئے اپنے فریضہ کو انجام دینا اہم ہے، کامیابی ملنا یا ناکام ہونا اہم نہیں، آیت میں ہے (وَ اللّٰہُ یُحِبُّ الصّٰبِرِیۡنَ) یہ نہیں فرمایا: (یحب الفاتحین)۔

آیت ۱۴۷:

جنگ میں شکست کھانے کے اسباب میں سے ایک گناہ اور الٰہی حدود سے تجاوز کرنا ہے (اغۡفِرۡ لَنَا ذُنُوۡبَنَا وَ اِسۡرَافَنَا)۔ اپنی شکست کو قضا و قدر یا دوسروں کے سر نہ تھونپ دیں، اپنی کمزوریوں، خامیوں اور کوتاہیوں کا بھی جائز لیں(ذُنُوۡبَنَا وَ اِسۡرَافَنَا)۔ پہلے گناہوں کی معافی مانگیں پھر اللہ تعالیٰ سے نصرت اور مدد مانگیں (اغۡفِرۡ لَنَا ۔۔۔ وَ انۡصُرۡنَا)۔ دشمن کے سامنے تسلیم ہونے کی بجائے خضوع و انکساری کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے مدد طلب کریں (وَ مَا اسۡتَکَانُوۡا ۔۔۔ رَبَّنَا اغۡفِرۡ لَنَا)۔ جنگ و جہاد کا میدان دعا اور مناجات اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے کا بہترین موقع ہے (وَ مَا کَانَ قَوۡلَہُمۡ اِلَّاۤ اَنۡ قَالُوۡا رَبَّنَا اغۡفِرۡ لَنَا)۔ مردان خدا کفر کی نابودی کے لیے اللہ تعالیٰ کی مدد چاہتے ہیں، وہ ذاتی افتخار اور اعزاز کے لیے اللہ تعالیٰ کی مدد طلب نہیں کرتے (وَ انۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ کے لطف اور کرم پر توکل کرو، اپنی تعداد پر بھروسہ نہ کرو اور نہ ہی اپنے جنگی سازو سامان پر بھروسہ کرو (رَبَّنَا۔۔۔انۡصُرۡنَا)۔

آیت ۱۴۸:

مجاہدین کے دنیاوی ثواب سے شاید دنیا میں ان کی ثابت قدمی مراد ہو اور اخروی ثواب سے گناہوں کی بخشش مراد ہو۔ دنیاوی اور اخروی ثواب کے درمیان بہت زیادہ فرق ہے (وَ حُسۡنَ ثَوَابِ الۡاٰخِرَۃِ) دنیاوی فوائد میں تلخیاں بھی ہیں لیکن اخروی اجر میں کوئی تلخی نہیں۔ دعا، جہاد، صبر، استغفار، ایمان اور اللہ تعالیٰ پر توکل جس کا ذکر پچھلی آیات میں ہوا یہ سب اللہ تعالیٰ کے نزدیک محبوب ہونے کے اسباب ہیں (وَ اللّٰہُ یُحِبُّ الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 149 تا 153
يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِن تُطِيعُواْ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ يَرُدُّوكُمۡ عَلَىٰٓ أَعۡقَٰبِكُمۡ فَتَنقَلِبُواْ خَٰسِرِينَ ١٤٩ بَلِ ٱللَّهُ مَوۡلَىٰكُمۡۖ وَهُوَ خَيۡرُ ٱلنَّٰصِرِينَ ١٥٠ سَنُلۡقِي فِي قُلُوبِ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ ٱلرُّعۡبَ بِمَآ أَشۡرَكُواْ بِٱللَّهِ مَا لَمۡ يُنَزِّلۡ بِهِۦ سُلۡطَٰنٗاۖ وَمَأۡوَىٰهُمُ ٱلنَّارُۖ وَبِئۡسَ مَثۡوَى ٱلظَّٰلِمِينَ ١٥١ وَلَقَدۡ صَدَقَكُمُ ٱللَّهُ وَعۡدَهُۥٓ إِذۡ تَحُسُّونَهُم بِإِذۡنِهِۦۖ حَتَّىٰٓ إِذَا فَشِلۡتُمۡ وَتَنَٰزَعۡتُمۡ فِي ٱلۡأَمۡرِ وَعَصَيۡتُم مِّنۢ بَعۡدِ مَآ أَرَىٰكُم مَّا تُحِبُّونَۚ مِنكُم مَّن يُرِيدُ ٱلدُّنۡيَا وَمِنكُم مَّن يُرِيدُ ٱلۡأٓخِرَةَۚ ثُمَّ صَرَفَكُمۡ عَنۡهُمۡ لِيَبۡتَلِيَكُمۡۖ وَلَقَدۡ عَفَا عَنكُمۡۗ وَٱللَّهُ ذُو فَضۡلٍ عَلَى ٱلۡمُؤۡمِنِينَ ١٥٢ ۞ إِذۡ تُصۡعِدُونَ وَلَا تَلۡوُۥنَ عَلَىٰٓ أَحَدٖ وَٱلرَّسُولُ يَدۡعُوكُمۡ فِيٓ أُخۡرَىٰكُمۡ فَأَثَٰبَكُمۡ غَمَّۢا بِغَمّٖ لِّكَيۡلَا تَحۡزَنُواْ عَلَىٰ مَا فَاتَكُمۡ وَلَا مَآ أَصَٰبَكُمۡۗ وَٱللَّهُ خَبِيرُۢ بِمَا تَعۡمَلُونَ ١٥٣
ترجمہ
اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو اگر تم ان کی اطاعت کرو گےجنہوں نے کفر اختیار کیا ہے تو وہ تمہیں الٹا پھیر دیں گے اس طرح تم نقصان اٹھانے والوں سے ہوجاؤ گے۔(۱۴۹) (وہ تمہارے دوست نہیں) اللہ ہی تمہارا مولا (مددگار) ہے اور وہ بہترین مددگاروں سے ہے۔(۱۵۰) ہم بہت جلد ان کے دلوں میں خوف ڈال دیں گے جنہوں نے کفر اختیار کیا ہے کیونکہ انہوں نے اسے اللہ کا شریک ٹھہرایا کہ اللہ نے اس کے بارے کچھ بھی ثبوت نہیں دیا تھا، ان کا ٹھکانہ آتش (جہنم) ہے، ظالموں کا کتنا ہی برا ٹھکانہ ہے۔(۱۵۱) اللہ نے (جنگ احد میں مشرکین کی شکست کا )جو تم سے وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا اس وقت جب تم اللہ کے اذن سے دشمن کو قتل کر رہے تھے لیکن پھر تم سست پڑ گئے (مال غنیمت جمع کرنے میں) ایک دوسرے سے جھگڑنے لگ گئے اور تم نے (پیغمبر کے فرمان کی) خلاف ورزی کی جبکہ اللہ نے تمہاری پسند کی بات (جنگی غنائم) بھی تمہیں دکھا دیا تھا، تم میں کچھ تو وہ ہیں جو دنیا چاہتے ہیں اور کچھ وہ ہیں جو آخرت چاہتے ہیں، پھر اللہ نے تمہیں (مشرکین کا) پیچھا کرنے سے روک دیا اور تمہاری کامیابی شکست میں تبدیل ہوگئی تاکہ تمہارا امتحان لے اور اللہ نے تمہاری غلطی کو معاف کردیا، اللہ مومنوں کے واسطے فضل و بخشش کرنے والا ہے۔(۱۵۲) تم اس وقت کو یاد کرو جب تم جنگ احد میں پہاڑ کے اوپر چڑھے جارہے تھے اور کسی جانب تمہاری کوئی توجہ نہ تھی جبکہ پیغمبر تمہیں پیچھے سے آوازیں دے رہے تھے لہذا اللہ نے اس غم پر اور غموں کو بڑھا دیا تاکہ وہ غنائم جو تمہارے ہاتھوں سے چھوٹ گئے اور جو زخم تمہیں جھیلنے پڑے ان پر زیادہ پریشان مت ہوں، یہ بات جان لو کہ جو کچھ تم انجام دیتے ہو اللہ اس سب سے آگاہ ہے۔(۱۵۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۴۹:

اس آیت کے شان نزول کے بارے میں ہم دیکھتے ہیں کہ جنگ احد میں جب مسلمانوں کو شکست ہوگئی تو منافقوں کے سردار عبداللہ بن ابی نے اعلان کیا کہ تم اب اپنے مشرک بھائیوں کے ساتھ ملحق ہوجاؤ اور بت پرستی کو جاری رکھو ، اس کی مراد یہ تھی کہ اب دین اسلام ختم ہوگیا اور بت پرستی باقی رہے گی۔ مسلمانوں کے لیے ہر لمحہ مرتد اور منحرف ہونے کا خطرہ موجود ہے اس لیے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے (الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا ۔۔۔ یَرُدُّوۡکُمۡ عَلٰۤی اَعۡقَابِکُمۡ)۔ زندگی کے نشیب و فراز میں دشمن کی طرف سے پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں اور شیطانی وسوسوں سے خبردار رہیں، ایسا نہ ہو کہ ان کے پروپیگنڈے سے متاثر ہو کر ان کی طرف رغبت کر بیٹھو (اِنۡ تُطِیۡعُوا الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا)۔ ایمان کے بعد کفر اختیار کرنا زوال، تباہی، رسوائی اور ناکامی ہے (عَلٰۤی اَعۡقَابِکُمۡ۔۔۔خٰسِرِیۡنَ)۔ انسان کے لیے حقیقی خسارہ یہ ہے کہ وہ ایمان ہاتھ سے دے بیٹھے، ایمانی، نظریاتی اور روحانی سرمایہ کھو دینا، جنت سے محروم ہوجانا اور دوزخ میں جا پہنچنا ہی سب سے بڑا خسارہ ہے (فَتَنۡقَلِبُوۡا خٰسِرِیۡنَ)۔ میدان جنگ میں شکست کھانا خسارہ نہیں ہے بلکہ عقیدتی اور نظریاتی شکست اور مرتد ہو جانا سب سے بڑا خسارہ ہے (فَتَنۡقَلِبُوۡا خٰسِرِیۡنَ)۔

آیت ۱۵۰:

پچھلی آیت میں کافروں کی اطاعت کی بات تھی نہ کہ انہیں اپنا سرپرست بنانے کی۔ اس آیت میں ہے کہ اللہ ہی تمہارا مولا اور سرپرست ہے۔ پس جو شخص کافروں کی اطاعت کرتا ہے تو گویا اس نے کافروں کو اپنا مولا اور سرپرست بنا لیا ہے ۔ کافروں کی اطاعت اس لیے کی جاتی ہے تاکہ عزت اور قدرت حاصل کی جاسکے۔ قرآن مجید نے اسی سورہ کی آیت ۱۵۰ اور اسی مضمون کی دیگر آیات میں اس بے بنیاد خیال کو مسترد کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ (اَنَّ الۡقُوَّۃَ لِلّٰہِ جَمِیۡعًا)’’بقرہ،۱۶۵‘‘، (اِنَّ الۡعِزَّۃَ لِلّٰہِ جَمِیۡعًا)’’یونس، ۶۵‘‘۔ حقیقی ولایت اور اطاعت صرف اللہ تعالیٰ کی ذات سے مخصوص ہے(بَلِ اللّٰہُ مَوۡلٰىکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کو اپنا ولی و سرپرست بنانا فتح و نصرت کا سبب ہے(اللّٰہُ مَوۡلٰىکُمۡ ۚ وَ ہُوَ خَیۡرُ النّٰصِرِیۡنَ)۔

آیت ۱۵۱:

جنگ احد میں مسلمانوں کی شکست کے بعد ابوسفیان اور اس کے فوجی مدینہ کے اطراف سے زیادہ دور نہیں گئے تھے اور انہوں نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ہم واپس لوٹ کر مسلمانوں کی بچی کچی کمزور فوج کا صفایا کریں گے لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں میں اس قدر خوف اور وحشت ڈال دیا کہ وہ شکست خوردہ لشکر کی مانند مکہ واپس لوٹ گئے کیونکہ انہیں ہر لمحہ یہ فکر لاحق تھی کہ کہیں مسلمان پیچھے سے ان پر حملہ آور نہ ہوں۔ اللہ تعالیٰ دشمن کے دلوں میں خوف ڈال کر مسلمانوں کی مدد کرتا ہے (سَنُلۡقِیۡ فِیۡ قُلُوۡبِ الَّذِیۡنَ کَفَرُوا الرُّعۡبَ)۔ غیر اللہ کا سہارا لینا شرک اور خوف زدہ ہوجانے کا سبب ہے جس طرح اللہ تعالیٰ کا ذکر اور ایمان اطمینان قلب اور سکون کا ذریعہ ہے (الرُّعۡبَ بِمَاۤ اَشۡرَکُوۡا)۔ مشرک کے پاس شرک کے دعویٰ کی کوئی برہان اور دلیل نہیں (مَا لَمۡ یُنَزِّلۡ بِہٖ سُلۡطٰنًا)۔ ضروری ہے کہ اصول اور عقائد منطق و استدلال کی بنیاد پر ہوں (لَمۡ یُنَزِّلۡ بِہٖ سُلۡطٰنًا)۔ برہان نور الٰہی ہے جو دلوں پر اترتا ہے، مشرکین کے پاس یہ نور موجود نہیں (لَمۡ یُنَزِّلۡ بِہٖ سُلۡطٰنًا)۔ شرک ایک قسم کا ظلم ہے (بِئۡسَ مَثۡوَی الظّٰلِمِیۡنَ)۔

آیت ۱۵۲:

دوسری ہجری میں مسلمان جنگ بدر میں کامیاب ہوئے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں وعدہ دیا کہ وہ آئندہ ہونے والی جنگوں میں بھی فتح حاصل کر لیں گے۔ جب اگلے سال جنگ احد ہوئی تو پیغمبر اسلامﷺنے پچاس آدمیوں کو پہاڑ کے درہ پر حفاظت کی ذمہ داری سونپی۔ جنگ کے شروع میں مسلمانوں نے دشمن پر حملہ کیا اور دشمن کو جکڑ لیا اور انہیں شکست دی۔ لیکن بدقسمتی سے درہ کی حفاظت پر متعین افراد میں اختلاف ہوگیا، کچھ نے کہا کہ ہماری فتح یقینی ہوگئی ہے لہذا ہمیں درہ کو چھوڑ کر مال غنیمت اکھٹا کرنے کے لیے میدان میں چلے جانا چاہے۔ تھوڑی تعداد بچ گئی جنہوں نے اس حفاظتی مورچہ کو نہ چھوڑا۔ لیکن دشمن نے اس جگہ سے حملہ کیا جہاں کوئی محافظ نہ تھا ۔ اس صورتحال میں مسلمانوں کو بھاری نقصان ہوا اس حد تک کہ پیغمبراکرمﷺ کی جان کو خطرہ لاحق ہوا اور بہت سارے مسلمان میدان جنگ چھوڑ کر فرار ہوئے۔ جب جنگ ختم ہوگئی اور مسلمانوں نے پیغمبراکرمﷺ پر اعتراض کیا کہ کیا اللہ تعالٰی نے ہمیں فتح و نصرت کا وعدہ نہ دیا تھا؟ ہم شکست کیوں کھا گئے؟ تو یہ آیت اس اعتراض کا جواب ہے کہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ تو صحیح تھا لیکن تمہاری سستی، کمزوری اور آپس کا جھگڑا اور رسول خداﷺکے فرمان کی نافرمانی تمہاری شکست کا سبب بنی۔ اللہ تعالیٰ کے وعدوں کا پورا ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ قدرتی قوانین کو نظر انداز کردیا جائے۔ اللہ تعالیٰ کی نصرت اور امداد اس صورت میں ہوگی جب تم لوگ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرو گے (لَقَدۡ صَدَقَکُمُ اللّٰہُ وَعۡدَہٗۤ ۔۔۔ اِذَا فَشِلۡتُمۡ وَ تَنَازَعۡتُمۡ)۔ شکست کے اسباب سے سستی، جھگڑا اور کمانڈر کی اطاعت نہ کرنا ہے(فَشِلۡتُمۡ وَ تَنَازَعۡتُمۡ۔۔۔ وَ عَصَیۡتُمۡ)۔ لوگ مختلف مقاصد کے حصول کے لیے جنگ کرتے ہیں، کچھ دنیا کے لیے اور کچھ آخرت کے لیے (مِنۡکُمۡ مَّنۡ یُّرِیۡدُ الدُّنۡیَا وَ مِنۡکُمۡ مَّنۡ یُّرِیۡدُ الۡاٰخِرَۃَ)۔ جنگ میں ثابت قدمی، وحدت اور اطاعت کا لحاظ رکھنا سپاہیوں کی آخرت چاہنے کی نشانی ہے (مِنۡکُمۡ مَّنۡ یُّرِیۡدُ الۡاٰخِرَۃَ)۔ جو شخص فتح کی نعمت کا شکر ادا کرنے کی بجائے اختلاف، نافرمانی اور کمزوری دکھائے تو اس کی سزا شکست ہے( صَرَفَکُمۡ عَنۡہُمۡ)۔ بیرونی شکست کے اسباب اندرونی ہوتے ہیں،بعض اوقات اندر سے سست پڑ جاتے ہیں اور آپس میں اختلاف کرتے ہیں (فَشِلۡتُمۡ۔۔۔ صَرَفَکُمۡ عَنۡہُمۡ) جب انسان اندر سے کمزور پڑ جائے اور قائد کی نافرمانی کرے تو پھر باہر سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شکست سے دوچار ہونا بھی الٰہی آزمائش کا وسیلہ ہے (لِیَبۡتَلِیَکُمۡ)۔ جب خلاف ورزی کر بیٹھو اور شکست کا سامنا ہو تو بھی اللہ تعالیٰ کے لطف و کرم سے مایوس نہ ہوں (عَفَا عَنۡکُمۡ)۔ ایمان اللہ تعالیٰ سے خاص لطف و کرم لینے کا ذریعہ ہے (عَفَا عَنۡکُمۡ ؕ وَ اللّٰہُ ذُوۡ فَضۡلٍ عَلَی الۡمُؤۡمِنِیۡنَ)۔ جب کسی مومن سے گناہ و خطا سرزد ہوجائے تو اسے فوراً اہل ایمان سے باہر نہ کرو بلکہ ایک طرف سے اسے متوجہ کیا جائے اور دوسری جانب اسے اللہ تعالیٰ کی رحمت و مغفرت کی امید دلائی جائے اور اسے تسلی دی جائے کہ وہ مایوس نہ ہو(عَفَا عَنۡکُمۡ ؕ وَ اللّٰہُ ذُوۡ فَضۡلٍ عَلَی الۡمُؤۡمِنِیۡنَ)۔

آیت ۱۵۳:

اس جملہ (فَاَثَابَکُمۡ غَمًّۢا بِغَمٍّ) کی تفسیر میں مختلف اقوال بیان ہوئے ہیں: ۱۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے کافروں کی فتح کو ان کے مال و متاع اور غنائم کے چلے جانے کے ذریعہ غمگین کردیا۔ یعنی مسلمانوں کو یہ گم تھا کہ انہیں شکست ہوئی ہے اور کافر وں کو فتح ملی ہے لیکن اس غم کے بدلے اللہ تعالیٰ نے کافروں کو فتح کی خوشی کی بجائے انہیں اپنا مال و متاع کے چلے جانے کے غم میں مبتلا کر دیا۔ ۲۔ پیغمبراکرمﷺکے دل میں جو غم آیا تھا اس نے تمہیں بھی غم و اندوہ سے دوچار کردیا۔ یعنی مسلمانوں پر سب سے بڑا صدمہ یہ تھاکہ پیغمبراکرمﷺکے غم زدہ ہونے کے بدلہ میں مسلمان بھی غم و اندوہ سے دوچار ہوئے۔ ۳۔ اللہ تعالیٰ نے جنگ سے فرار ہونے اور پیغمبراکرمﷺ کی نافرمانی کرنے کے نتیجہ میں تمہارے لیے بہت سارے غم قرار دئے، ایک غم پر دوسرا غم۔ احادیث کے مطابق ایک غم جنگ احد میں شکست کا غم تھا، دوسرا غم خالد بن ولید کا مسلمانوں پر غلبہ پانے کا غم تھا جو جنگ احد میں شکست کھانے کے غم کے علاوہ تھا۔ سستی و کاہلی کا نتیجہ رہبریت و کمانڈ کی اطاعت نہ کرنا اور آپس میں اختلاف،جھگڑا، پریشانی اور جنگ کے محاذ سے فرار ہونا ہے (حَتّٰۤی اِذَا فَشِلۡتُمۡ وَ تَنَازَعۡتُم۔۔۔اِذۡ تُصۡعِدُوۡنَ)۔ اپنی کمزوریوں پر توجہ دینا تجربات سے استفادہ کرنے کا سبب ہے (اِذۡ تُصۡعِدُوۡنَ)۔ خطرہ کے وقت انسان اپنے علاوہ کسی اور کی فکر میں نہیں ہوتا (لَا تَلۡوٗنَ عَلٰۤی اَحَدٍ)۔ ڈرپوک اور کمزور ایمان والے افراد کو رہبر کا آواز دینا اور انہیں پکارنا کچھ اثر نہیں رکھتا (وَ الرَّسُوۡلُ یَدۡعُوۡکُمْ)۔ آسائش و آرام کے حالات میں تعلق داری کا اظہار زیادہ اہمیت نہیں رکھتا، سختی کے ایام اور مشکلات کےوقت ہمدردی کا اظہار حقیقی دوستی کی نشانی ہے (وَ الرَّسُوۡلُ یَدۡعُوۡکُمْ۔۔۔)۔ سارے لشکر کے فرار ہونے کے باوجود بھی ضروری ہے کہ رہبر میدان جنگ میں موجود رہے اور فراریوں کو واپس بلائے اور انہیں اکھٹا کرے (وَ الرَّسُوۡلُ یَدۡعُوۡکُمْ۔۔۔)۔ اپنی ذمہ داری کی ادائیگی میں ایک لمحہ کی غفلت اور کوتاہی دشمن کے دردناک اور پے در پے حملوں کا سبب بن جاتی ہے (غَمًّۢا بِغَمٍّ)۔ ماضی کی تلخیوں سے سبق لیں، ماضی کے مصائب اور ناکامیوں پر دل برداشتہ نہ ہوں (لِکَیۡلَا تَحۡزَنُوۡا عَلٰی مَا فَاتَکُمۡ وَ لَا مَاۤ اَصَابَکُمۡ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 154 تا 157
ثُمَّ أَنزَلَ عَلَيۡكُم مِّنۢ بَعۡدِ ٱلۡغَمِّ أَمَنَةٗ نُّعَاسٗا يَغۡشَىٰ طَآئِفَةٗ مِّنكُمۡۖ وَطَآئِفَةٞ قَدۡ أَهَمَّتۡهُمۡ أَنفُسُهُمۡ يَظُنُّونَ بِٱللَّهِ غَيۡرَ ٱلۡحَقِّ ظَنَّ ٱلۡجَٰهِلِيَّةِۖ يَقُولُونَ هَل لَّنَا مِنَ ٱلۡأَمۡرِ مِن شَيۡءٖۗ قُلۡ إِنَّ ٱلۡأَمۡرَ كُلَّهُۥ لِلَّهِۗ يُخۡفُونَ فِيٓ أَنفُسِهِم مَّا لَا يُبۡدُونَ لَكَۖ يَقُولُونَ لَوۡ كَانَ لَنَا مِنَ ٱلۡأَمۡرِ شَيۡءٞ مَّا قُتِلۡنَا هَٰهُنَاۗ قُل لَّوۡ كُنتُمۡ فِي بُيُوتِكُمۡ لَبَرَزَ ٱلَّذِينَ كُتِبَ عَلَيۡهِمُ ٱلۡقَتۡلُ إِلَىٰ مَضَاجِعِهِمۡۖ وَلِيَبۡتَلِيَ ٱللَّهُ مَا فِي صُدُورِكُمۡ وَلِيُمَحِّصَ مَا فِي قُلُوبِكُمۡۚ وَٱللَّهُ عَلِيمُۢ بِذَاتِ ٱلصُّدُورِ ١٥٤ إِنَّ ٱلَّذِينَ تَوَلَّوۡاْ مِنكُمۡ يَوۡمَ ٱلۡتَقَى ٱلۡجَمۡعَانِ إِنَّمَا ٱسۡتَزَلَّهُمُ ٱلشَّيۡطَٰنُ بِبَعۡضِ مَا كَسَبُواْۖ وَلَقَدۡ عَفَا ٱللَّهُ عَنۡهُمۡۗ إِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٌ حَلِيمٞ ١٥٥ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تَكُونُواْ كَٱلَّذِينَ كَفَرُواْ وَقَالُواْ لِإِخۡوَٰنِهِمۡ إِذَا ضَرَبُواْ فِي ٱلۡأَرۡضِ أَوۡ كَانُواْ غُزّٗى لَّوۡ كَانُواْ عِندَنَا مَا مَاتُواْ وَمَا قُتِلُواْ لِيَجۡعَلَ ٱللَّهُ ذَٰلِكَ حَسۡرَةٗ فِي قُلُوبِهِمۡۗ وَٱللَّهُ يُحۡيِۦ وَيُمِيتُۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ بَصِيرٞ ١٥٦ وَلَئِن قُتِلۡتُمۡ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ أَوۡ مُتُّمۡ لَمَغۡفِرَةٞ مِّنَ ٱللَّهِ وَرَحۡمَةٌ خَيۡرٞ مِّمَّا يَجۡمَعُونَ ١٥٧
ترجمہ
پھر اللہ نے اس غم کے بعد تمہارے اوپر سکون نازل کردیا کہ آپ میں سے ایک جماعت اونگھ رہے تھے جبکہ دوسری جماعت اپنی جان کی حفاظت کے لیے فکر مند تھے اور الٰہی وعدوں کے بارے زمانہ جاہلیت کے رویے کی مانند ناروا گمان رکھتے تھے وہ کہہ رہےتھے:کیا اس امر میں ہمارا بھی کوئی حصہ ہے؟ (اے رسول!) ان سے کہہ دو: سارا اختیار اللہ کے ہاتھ میں ہے، انہوں نے اپنے دلوں میں کچھ بات چھپا رکھی تھی جسے وہ آپ کے لیے ظاہر نہیں کررہے تھے، وہ کہتے تھے اگر جنگ کا اختیار ہمارے ہاتھ میں ہوتا تو ہم اس جگہ پر قتل نہ کئے جاتے،(اے رسول!) ان سے کہہ دو: اگر تم اپنے گھروں کے اندر بھی ہوتے تو پھر وہ جن پر قتل ہونا لکھا ہوا تھا وہ اپنی قتل گاہ کی جانب جاتے، اللہ چاہتا ہے کہ کچھ تمہارے سینوں میں (چھپا ہوا) ہے اس کی آزمائش کرے اور جو کچھ تمہارے دلوں میں ہے اسے پاکیزہ و خالص بنا ڈالے، جو کچھ سینوں میں ہے اللہ اس بارے آگاہ ہے۔(۱۵۴) تم میں سے وہ لوگ جنہوں نے دو فوجوں کے آپس میں آمنے سامنے ہونے والے دن اپنا رخ موڑ لیا اور فرار ہوگئے، یہ اس کے سوا کچھ نہ تھا کہ شیطان نے ان کے بعض ناپسندیدہ اعمال کی وجہ سے انہیں بھٹکا دیا، البتہ اللہ نے ان سے درگزر کر دیا، سچ یہ ہے کہ اللہ بخشنے والا اور بردبار ہے۔(۱۵۵) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! ان کی مانند نہ بنو جنہوں نے کفر اختیار کیا اور ان کے بھائی جب سفر یا جنگ پر جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں اگر وہ ہمارے پاس ہوتے تو نہ مرتے اور قتل نہ ہوتے، تم تاکہ اس قسم کی حسرت والی بات سننے سے اللہ ان کے دل میں حسرت ڈال دے، اللہ ہی ہے جو زندہ کرتا ہے اور وہی مارتا ہے، اللہ اس سے آگاہ ہے جو تم انجام دیتے ہو۔(۱۵۶) اگر تم اللہ کی راہ میں قتل کردئے جاؤ یا تم مرجاؤ تو اللہ کی رحمت اس سے بہتر ہے جو تم(اپنی پوری زندگی میں) اکٹھا کرتے ہو۔(۱۵۷)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۵۴:

اے مسلمانو!غزوہ احد میں تمہاری خطاؤں اور اختلافات کی وجہ سے خدا نے تمہیں سزا دی لیکن تمہیں تمہارے حال پر نہیں چھوڑا (ثُمَّ اَنۡزَلَ عَلَیۡکُمۡ۔۔۔اَمَنَۃً)۔ اللہ تعالیٰ تلخ حادثات کی انتہائی تکلیف دہ حالت میں بھی مومنوں کے دلوں کو سکون فراہم کرتا ہے (بَعۡدِ الۡغَمِّ اَمَنَۃً)۔ نیند اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہدیہ اور آرام کا وسیلہ ہے (اَنۡزَلَ عَلَیۡکُمۡ۔۔۔ نُّعَاسًا)۔ مجاہدین کے جذبات، احساسات، روحانی کیفیات، عقائد، نظریات اور تجزیے ایک جیسے نہیں ہوتے (طَآئِفَۃً ۔۔۔وَ طَآئِفَۃٌ۔۔۔)۔ اپنی ذات میں محدود ہوجانا الٰہی وعدوں کے بارے بدگمانی کا سبب ہے (اَہَمَّتۡہُمۡ اَنۡفُسُہُمۡ یَظُنُّوۡنَ بِاللّٰہِ غَیۡرَ الۡحَقِّ ظَنَّ الۡجَاہِلِیَّۃِ)۔ بحران اور ناکامی کے وقت بھی اللہ تعالیٰ اور اس کے وعدوں پر شک نہ کریں( وَ طَآئِفَۃٌ۔۔۔ یَظُنُّوۡنَ بِاللّٰہِ غَیۡرَ الۡحَقِّ)۔ الٰہی وعدوں کے بارے بدگمانی ناروا، بے بنیاد اور زمانہ جاہلیت کے عقائد سے ہے(یَظُنُّوۡنَ بِاللّٰہِ غَیۡرَ الۡحَقِّ ظَنَّ الۡجَاہِلِیَّۃِ)۔ یہ خیال کہ مسلمانوں کو سستی، اختلاف اور نافرمانی کی صورت میں بھی شکست نہیں ہونی چاہیے، ایک جاہلانہ خیال ہے(ظَنَّ الۡجَاہِلِیَّۃِ)۔ کمزور ایمان والے لوگ اپنی ناکامی کی وجہ خدائی مدد کی کمی کو قرار دیتے ہیں(یَقُوۡلُوۡنَ لَوۡ کَانَ لَنَا مِنَ الۡاَمۡرِ شَیۡءٌ مَّا قُتِلۡنَا ہٰہُنَا)۔ مجاہدین کے حوصلے پست کرنے والے سوالات پوچھنا منع ہے (ہَلۡ لَّنَا مِنَ الۡاَمۡرِ مِنۡ شَیۡءٍ)۔ خود غرض اور آرام طلب مسلمان ہمیشہ اندر سے پریشان رہتے ہیں(یُخۡفُوۡنَ فِیۡۤ اَنۡفُسِہِمۡ مَّا لَا یُبۡدُوۡنَ لَکَ)۔ خود پرستی اور اپنی ذات میں گم ہونا اور آرام طلبی انسان کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے دائرہ سے نکال دیتی ہے (اَہَمَّتۡہُمۡ اَنۡفُسُہُمۡ ۔۔۔ یَقُوۡلُوۡنَ لَوۡ کَانَ لَنَا مِنَ الۡاَمۡرِ)۔ اللہ تعالیٰ کے حتمی مقدرات سے فرار ممکن نہیں (لَوۡ کُنۡتُمۡ فِیۡ بُیُوۡتِکُمۡ لَبَرَزَ الَّذِیۡنَ۔۔۔)۔ اللہ تعالیٰ کے حتمی مقدرات پر یقین انسان کو اطمینان اور سکون دیتا ہے (لَبَرَزَ الَّذِیۡنَ کُتِبَ عَلَیۡہِمُ الۡقَتۡلُ اِلٰی مَضَاجِعِہِمۡ)۔ جنگ کے محاذ میں شکست سے دوچار ہونا اور اس حوالے سے تلخ حادثات کا سامنا کرنا افراد کے ایمان کی مقدار اور ان کی اندرونی کیفیات کو جانچنے کا ذریعہ ہے (لِیَبۡتَلِیَ اللّٰہُ مَا فِیۡ صُدُوۡرِکُمۡ)۔ تلخ اور شیرین واقعات تمہاری فکر اور روحانی کیفیت کے جلوہ گر ہونے کا وسیلہ ہیں وگرنہ اللہ تعالیٰ تو پہلے سے ہی تمہاری اندرونی کیفیات اور تمہارے خیالات و نظریات سے آگاہ ہے (وَ اللّٰہُ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ)۔

آیت ۱۵۵:

یہ آیت جنگ احد میں بعض مسلمانوں کے میدان جنگ سے فرار ہونے کو بیان کررہی ہے۔ جنگ احد میں سوائے تیرہ افراد کے جن میں پانچ مہاجرین اور آٹھ انصار تھے، باقی سب میدان جنگ سے فرار ہوئے۔ سوائے حضرت علی علیہ السلام کے ان تیرہ افراد کے بارے میں اختلاف ہے کہ کون تھے۔ جنگ احد میں مسلمانوں کے چار گروہ تھے: ۱۔ شہدا، ۲۔ صبر کرنے والے، ۳۔ جنگ سے فرار ہونے والے جن کو معاف کردیا گیا، ۴۔ منافقین۔ جنگ سے فرار ہونا اور میدان جنگ میں کمزوری دکھانا گناہ ہے ( تَوَلَّوۡا ۔۔۔ بِبَعۡضِ مَا کَسَبُوۡا)۔ گناہ شیطانی وسوسے کے لیے میدان مہیا کرتا ہے (اسۡتَزَلَّہُمُ۔۔۔بِبَعۡضِ مَا کَسَبُوۡا)۔ گنہگار کو ہمیشہ کے لیے مت دھتکارو اور نہ ہی اسے سزا دینے میں جلدی کرو (عَفَا اللّٰہُ عَنۡہُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ گنہگاروں کو معاف کردیتا ہے، لہذا آپ ان کی مذمت نہ کریں (عَفَا اللّٰہُ عَنۡہُمۡ)۔

آیت ۱۵۶:

جنگ کے خاتمہ کے بعد دشمن کے پروپیگنڈہ سے تم دل برداشتہ مت ہو جاؤ (لَوۡ کَانُوۡا عِنۡدَنَا مَا مَاتُوۡا وَ مَا قُتِلُوۡا)اگر مجاہدین ہمارے پاس ہوتے تو نہ مارے جاتے اور ان کی جانیں بچ جاتیں۔ دشمن ہمدردی اور ندامت کی آڑ میں زہر چھڑکتا ہے، میٹھے میں زہر گھول کر پلاتا ہے(لَوۡ کَانُوۡا عِنۡدَنَا)۔ جس کی زندگی کا ہدف مادی ہے وہ موت اور شہادت کو خسارہ سمجھتا ہے (لَوۡ کَانُوۡا عِنۡدَنَا مَا مَاتُوۡا وَ مَا قُتِلُوۡا)۔ منافق کافر ہے، یہ باتیں کرنے والے منافقین تھے لیکن قرآن مجید نے انہیں (کَالَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا)کہہ کر پکارا ہے۔ حیات و موت الٰہی تقدیر ہے، اس کا تعلق نہ تو جنگ سے ہے اور نہ گھر سے باہر سفر پر جانے سے ہے (وَ اللّٰہُ یُحۡیٖ وَ یُمِیۡتُ)۔ الٰہی تقدیر پر ایمان، انسان کے ایمان کے قوی ہونے، جہاد کے میدان میں ثابت قدم رہنے اور خوف و ہراس کے خاتمہ کا سبب ہے (وَ اللّٰہُ یُحۡیٖ وَ یُمِیۡتُ)۔ اللہ تعالیٰ بصیر اور آگاہ ہے، ہمیں اپنے حالات اور اعمال پر نظر رکھنا ہوگا، اللہ تعالٰی پر کچھ بھی مخفی نہیں ہے (وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ بَصِیۡرٌ)۔

آیت ۱۵۷:

منافقوں کی جانب سے پروپیگنڈے کے نتیجہ میں مسلمانوں میں جو مایوسی پھیلائی گئی تھی اللہ تعالیٰ نے اس کا جواب دیا ہے کہ: ۱۔حیات و موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، محاذ جنگ پر جانے سے عمر کم نہیں ہوتی۔ ۲۔جو شخص اللہ تعالیٰ کی راہ میں قدم اٹھاتا ہے وہ ہر حال میں کامیاب ہے خواہ وہ قدرتی موت مرجائے یا شہید ہوجائے۔ کیونکہ اس نے اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی عمر کے عوض اللہ تعالیٰ کی رحمت اور مغفرت حاصل کی ہے۔ جو لوگ محاذ جنگ پر جانے کے لیے سفر کرتے ہیں، یا تحصیل علم کے لیے سفر پر جاتے ہیں، یا حج و زیارت کے لیے سفر پر جاتے ہیں یا تبلیغ کے لیے جاتے یا دوسرے الٰہی کاموں کی خاطر گھر سے نکلتے ہیں اور اس راہ میں انہیں موت آتی ہے تو انہیں رحمت و مغفرت ملے گی۔ الٰہی تصور کائنات میں اللہ تعالیٰ کی راہ میں موت اور شہادت دنیا اور جو کچھ دنیا میں ہے اس سب سے بہتر ہے(وَ لَئِنۡ قُتِلۡتُمۡ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ اَوۡ مُتُّمۡ۔۔۔)۔ خدا کے راستے میں ہونا اہم ہے خواہ اس راہ میں شہادت ملے یا عام موت سے انسان دنیا سے چلا جائے (قُتِلۡتُمۡ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ اَوۡ مُتُّمۡ۔۔۔)۔ پہلے انسان کو بخشا جائے گا پھر وہ الٰہی رحمت وصول کرے گا، اس لیے کلمہ (لَمَغۡفِرَۃٌ) کو (رَحۡمَۃٌ)سے پہلے لایا گیا ہے۔ مغفرت اور رحمت کا نتیجہ ابدی ہے جبکہ مال و دولت، پیسہ، مقام اور عہدہ سب عارضی ہیں اور ان کے اثرات اور ثمرات وقتی اور عارضی ہیں (لَمَغۡفِرَۃٌ مِّنَ اللّٰہِ وَ رَحۡمَۃٌ خَیۡرٌ مِّمَّا یَجۡمَعُوۡنَ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 158 تا 165
وَلَئِن مُّتُّمۡ أَوۡ قُتِلۡتُمۡ لَإِلَى ٱللَّهِ تُحۡشَرُونَ ١٥٨ فَبِمَا رَحۡمَةٖ مِّنَ ٱللَّهِ لِنتَ لَهُمۡۖ وَلَوۡ كُنتَ فَظًّا غَلِيظَ ٱلۡقَلۡبِ لَٱنفَضُّواْ مِنۡ حَوۡلِكَۖ فَٱعۡفُ عَنۡهُمۡ وَٱسۡتَغۡفِرۡ لَهُمۡ وَشَاوِرۡهُمۡ فِي ٱلۡأَمۡرِۖ فَإِذَا عَزَمۡتَ فَتَوَكَّلۡ عَلَى ٱللَّهِۚ إِنَّ ٱللَّهَ يُحِبُّ ٱلۡمُتَوَكِّلِينَ ١٥٩ إِن يَنصُرۡكُمُ ٱللَّهُ فَلَا غَالِبَ لَكُمۡۖ وَإِن يَخۡذُلۡكُمۡ فَمَن ذَا ٱلَّذِي يَنصُرُكُم مِّنۢ بَعۡدِهِۦۗ وَعَلَى ٱللَّهِ فَلۡيَتَوَكَّلِ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ ١٦٠ وَمَا كَانَ لِنَبِيٍّ أَن يَغُلَّۚ وَمَن يَغۡلُلۡ يَأۡتِ بِمَا غَلَّ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِۚ ثُمَّ تُوَفَّىٰ كُلُّ نَفۡسٖ مَّا كَسَبَتۡ وَهُمۡ لَا يُظۡلَمُونَ ١٦١ أَفَمَنِ ٱتَّبَعَ رِضۡوَٰنَ ٱللَّهِ كَمَنۢ بَآءَ بِسَخَطٖ مِّنَ ٱللَّهِ وَمَأۡوَىٰهُ جَهَنَّمُۖ وَبِئۡسَ ٱلۡمَصِيرُ ١٦٢ هُمۡ دَرَجَٰتٌ عِندَ ٱللَّهِۗ وَٱللَّهُ بَصِيرُۢ بِمَا يَعۡمَلُونَ ١٦٣ لَقَدۡ مَنَّ ٱللَّهُ عَلَى ٱلۡمُؤۡمِنِينَ إِذۡ بَعَثَ فِيهِمۡ رَسُولٗا مِّنۡ أَنفُسِهِمۡ يَتۡلُواْ عَلَيۡهِمۡ ءَايَٰتِهِۦ وَيُزَكِّيهِمۡ وَيُعَلِّمُهُمُ ٱلۡكِتَٰبَ وَٱلۡحِكۡمَةَ وَإِن كَانُواْ مِن قَبۡلُ لَفِي ضَلَٰلٖ مُّبِينٍ ١٦٤ أَوَلَمَّآ أَصَٰبَتۡكُم مُّصِيبَةٞ قَدۡ أَصَبۡتُم مِّثۡلَيۡهَا قُلۡتُمۡ أَنَّىٰ هَٰذَاۖ قُلۡ هُوَ مِنۡ عِندِ أَنفُسِكُمۡۗ إِنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ ١٦٥
ترجمہ
اگر تم مر جاؤ یا قتل ہوجاؤ تو یقینی طور پر اللہ کے پاس ہی اٹھائے جاؤ گے۔(۱۵۸) (اے پیغمبر!) اللہ کی رحمت کی وجہ سے تم لوگوں پر مہربان ہوئے ہو، اگرتم سخت مزاج اور سنگدل ہوتے تو لوگ تجھ سے دور ہوجاتے، لہذا تم ان سے درگزر کرو، ان کے لیے مغفرت طلب کرو اور کاموں میں ان کے ساتھ مشورہ کیا کرو، لیکن جب کسی امر بارے فیصلہ کرلو تو اس پر ڈٹ جاؤ اور اللہ پر توکل کرو، سچ یہ ہے کہ اللہ توکل کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔(۱۵۹) اگر اللہ تمہاری مدد کرے تو تمہارے اوپر کوئی غالب نہیں آسکتا اور اگر اللہ تمہاری مدد نہ کرے تو پھر اس کے علاوہ کون ہے جو تمہاری مدد کرے؟ لہذا مومنوں پر ہے کہ وہ فقط اللہ پر توکل کریں۔(۱۶۰) یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی پیغمبر خیانت کرے، جو بھی خیانت کرے تو وہ امر جس میں اس نے خیانت کی ہو گی قیامت کے دن وہ اسے اپنے ہمراہ لائے گا تو اس وقت ہر ایک کو اس کے اعمال کا نتیجہ پورا کا پورا دیا جائے گا اور ان پر کسی قسم کا ظلم نہ ہوگا۔(۱۶۱) وہ شخص جو اللہ کی رضا چاہتا ہے کیا وہ اس کی مانند ہے جس پر اللہ کا غضب ہوا ہے اور اس کی جگہ جہنم ہے؟ (یہ دونوں برابر نہیں) جہنم بہت برا ٹھکانا ہے۔(۱۶۲) ان کے لیے اللہ کے ہاں درجات ہیں اور جو کچھ وہ انجام دیتے ہیں اللہ ان کے بارے آگاہ ہے۔(۱۶۳) اللہ نے مومنوں پر یہ احسان کیا ہے کہ ان کے درمیان خود ان میں سے ایک پیغمبر کو بھیجا ہے تاکہ اللہ کی آیات ان پر تلاوت کرے، انہیں پاکیزہ کر دے اور انہیں کتاب اور حکمت کی تعلیم دے، اگرچہ وہ اس سے پہلے واضح گمراہی میں تھے۔(۱۶۴) تو کیا جس وقت تمہارے اوپر (جنگ احد میں) مصیبت آن پڑی کہ تم نے اس کا دوگنا نقصان (جنگ بدر میں دشمن کو) پہنچایا، اب تم یہ کہتے ہو کہ یہ مصیبت کہاں سے آئی ہے؟ (اے رسول! ان سے) کہہ دو : اس کا سبب تم خود ہی ہو، اللہ تو ہر کام پر قادر ہے۔(۱۶۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۵۸:

اس آیت میں (فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ) کا جملہ نہیں آیا تاکہ یہ بتایا جائے کہ آپ سب لوگوں کا حشر و نشر اللہ کے ہاں ہونا ہے چاہے قدرتی موت سے مرو یا قتل کئے جاؤ۔ اب جب موت کا آنا حتمی ہے اور سب کا حشر و نشر اللہ کے ہاں حتمی ہے تو پھر کیوں نہ اللہ کے ہاں حاضر ہونے کے لیے اپنی مرضی سے بہترین راستہ کا انتخاب کیا جائے۔ اگر موت اور شہادت دونوں صورتوں میں اللہ کے پاس واپس جانا ہے تو شہادت آنے پر پریشانی کس بات کی؟ امام حسین علیہ السلام فرماتے ہیں: (وَ إِنْ تَكُنِ الْأَبْدَان لِلْمَوْتِ أُنْشِئَتْ فَقَتْلُ امْرِئٍ وَ اللَّهِ بِالسَّيْفِ أَفْضَلُ) اگر ہمارے جسم مرنے کے لیے ہی بنائے گئے ہیں تو پھر شہادت کی موت اور اللہ کی راہ میں تلوار کے ذریعہ قتل ہونا افضل اور بہترہے۔

آیت ۱۵۹:

اگرچہ آیت کا مضمون کچھ کلی اور عمومی دستورات ’’احکام‘‘ کے حوالے سے ہے لیکن یہ آیت جنگ احد کے بارے نازل ہوئی کیونکہ جو مسلمان جنگ سے فرار ہوئے تھے وہ افسوس اور پشیمانی اور ندامت کی آگ میں جل رہے تھے۔ انہوں نے پیغمبر کو اپنے گھیرے میں لے رکھاتھا اور معذرت کرنے جا رہے تھے تو اللہ تعالیٰ نے عام معافی کا اعلان فرمایا۔ لوگوں کے ساتھ نرم رویہ اپنانا الٰہی ہدیہ ہے (فَبِمَا رَحۡمَۃٍ مِّنَ اللّٰہِ لِنۡتَ لَہُمۡ)۔ مناسب قیادت اور انتظام عفو و درگزر کے ساتھ ساتھ ہے(فَاعۡفُ عَنۡہُمۡ)۔ وقتی اور عارضی ناکامیوں کی وجہ سے مشاورت کی قدر کو کم نہ سمجھیں(وَ شَاوِرۡہُمۡ)۔ پیغمبراکرمﷺ پر لازم تھا کہ وہ ان افراد سے بھی مشورہ کریں جن سے ماضی میں غلطیاں سرزد ہوئیں (وَ شَاوِرۡہُمۡ)۔ پیغمبراکرمﷺ کو حکم ہے کہ وہ ان لوگوں کو معاف کردیں جنہوں نے آپ پر زیادتی کی ہے (فَاعۡفُ عَنۡہُمۡ)اور اللہ تعالیٰ کے حوالے سے انہوں نے جو گناہ کئے ہیں ان کے لیے اللہ تعالٰی سے مغفرت طلب کریں (وَ اسۡتَغۡفِرۡ لَہُمۡ) اور سماجی امور میں ان سے مشورہ کریں (وَ شَاوِرۡہُمۡ)۔ پیغمبراکرمﷺکا اپنی امت کے لیے استغفار کرنا اللہ تعالیٰ کے دستور کے تحت تھا اور اس کی قبولیت بھی یقینی ہے (وَ اسۡتَغۡفِرۡ لَہُمۡ)۔ مشورہ کرنا اس بات سے منافات نہیں رکھتا کہ قیادت اور انتظام ایک فرد کے پاس ہو (وَ شَاوِرۡہُمۡ ۔۔۔ فَاِذَا عَزَمۡتَ)۔ غور و فکر اور مشورہ کرنے کے ساتھ اللہ تعالیٰ پر توکل کرنے کو نہ بھولیں (فَتَوَکَّلۡ)۔ پہلے مشورہ لینا اور پھر اللہ تعالیٰ پر توکل کرنا تمام کاموں کے لیے مفید ہے چاہے وہ نتیجہ ملے جو ہم چاہ رہے ہیں یا وہ نتیجہ نہ ملے (وَ شَاوِرۡہُمۡ۔۔۔ فَتَوَکَّلۡ۔۔۔اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الۡمُتَوَکِّلِیۡنَ)۔

آیت ۱۶۰:

رسول اللہﷺنے جبرائیل سے سوال کیا:اللہ پر توکل کیا ہے؟ جبرائیل علیہ السلام نے جواب دیا: توکل یہ ہے کہ آپ کو یقین ہو کہ مخلوق آپ کو نہ نقصان پہنچا سکتے ہیں اور نہ ہی کچھ فائدہ دے سکتے ہیں، غیر اللہ سے بالکل مایوس ہوں، اگر انسان اس مرتبہ پر ہو تو پھر وہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی کے لیے کام نہیں کرتا اور نہ ہی اللہ تعالٰی کے سوا کسی سے ڈرتا ہے اور اللہ تعالٰی کے علاوہ کسی اور پر اس کی امید نہیں ہوتی، یہ توکل کی حقیقت ہے۔ فتح اور ناکامی دونوں اللہ تعالیٰ کے ارادہ سے ہوتی ہیں (یَنۡصُرۡکُمُ۔۔۔یَخۡذُلۡکُمۡ)۔ ایمان اللہ پر توکل سے جدا نہیں (فَلۡیَتَوَکَّلِ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ)۔

آیت ۱۶۱:

ہو سکتا ہے کہ یہ آیت ان لوگوں کا جواب ہو جنہوں نے حفاظتی مورچہ کو مال غنیمت اکٹھا کرنے کی غرض سے چھوڑ دیا تھا۔ اس آیت میں ان سے کہا گیا ہے کہ مال غنیمت میں جو تمہارا حصہ بنتا ہے اس میں پیغمبر خیانت نہیں کرے گا اور تمہیں تمہارا حصہ پورا دیا جائے گا، لہذا تم اپنی ذمہ داری کو پوری طرح انجام دو۔ ملاوٹ، فراڈ، غصب اور خیانت سب (غِلّ) کے مصادیق ہیں۔ ایک آدمی کو زکات جمع کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ وہ رسول خداﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تاکہ آپ کو بتادے کہ اتنی مقدار زکات کے اموال ہیں، یہ آپ سے متعلق ہے اور اتنی مقدار لوگوں کی جانب سے تحائف ہیں جو انہوں نے مجھے دئے ہیں۔ آنحضرتﷺمنبر پر گئے اور اعلان فرمایا: جو تحائف زکات وصول کرنے والے کو دئے گئے ہیں وہ بھی میرے لیے ہیں۔ کیونکہ اگر یہ شخص گھر میں بیٹھا ہوتا تو کوئی شخص اس کے لیے تحفہ و ہدیہ نہ دیتا۔ اللہ کی قسم! وہ شخص اسی حرام مال کے ہمراہ قیامت کے دن محشور ہوگا۔ ’’آپ نے اس بیان سے سمجھادیا کہ عاملین زکات کے لیے جو ہدایا و تحائف ملتے ہیں وہ بھی رہبر اور بیت المال کا حصہ ہیں نہ کہ زکات جمع کرنے والے کی ملکیت کیونکہ ان ہدایا کے ملنے کا سبب اس کا عامل زکات ہونا ہے نہ کہ اس کی ذات‘‘۔ بدگمانی سےکوئی بھی محفوظ نہیں، حتیٰ انبیاء کے بارے میں بھی لوگ بدگمان ہوتے ہیں، اسی لیے فرمایا(مَا کَانَ لِنَبِیٍّ اَنۡ یَّغُلَّ)۔ قیامت کے دن حرام مال کھانے والے کے لیے مال حرام کی نمائش ایک طرح کی سزا ہوگی۔ کتنا ہی تکلیف دہ اور سخت مرحلہ ہوگا جب قیامت کے دن ایک شخص کو تمام انبیاء، اولیاء اور شہدا کے سامنے مال حرام کے ہمراہ میدان محشر میں لایا جائے گا(یَاۡتِ بِمَا غَلَّ)۔ قیامت کی یاد خیانت سے روکنے کا وسیلہ ہے (یَاۡتِ بِمَا غَلَّ)۔ قیامت ایسا میدان ہے جس میں نیک لوگ اپنے حسنات اور نیکیوں کے ساتھ آئیں گے (جَآءَ بِالۡحَسَنَۃِ) ’’انعام، ۱۶۰‘‘ اور خائن افراد اپنی خیانتوں کے ساتھ حاضر ہوں گے(یَاۡتِ بِمَا غَلَّ)۔ اللہ تعالیٰ عادل ہے لہذا وہ جزا و سزا پوری پوری دیتا ہے اور اس میں ذرہ برابر زیادتی نہیں کرتا (وَ ہُمۡ لَا یُظۡلَمُوۡنَ)

آیت ۱۶۲۔۱۶۳:

اس آیت کے شان نزول بارے آیا ہے کہ جب رسول اللہﷺنے فرمان جاری کیا کہ احد پہاڑ کی جانب چلو تو منافقین مختلف بہانوں سے مدینہ ہی میں رہے اور کمزور ایمان والے مسلمان بھی ان کے ساتھ مدینہ میں رہے اور محاذ جنگ پر نہ گئے۔ قرآن مجیدکی بعض آیات میں ہے کہ مومنوں کے لیے درجات اور مراتب ہیں (لَہُمۡ دَرَجٰتٌ عِنۡدَ رَبِّہِمۡ)’’انفال،۴‘‘ لیکن اس آیت میں ہے خود مومنین درجات ہیں جیسے حضرت علی علیہ السلام جیسی شخصیات معیار اور میزان کے مطابق عمل کرتے ہیں اور پھر خود اعمال کے میزان اور معیار قرار پاتے ہیں۔ پہلے وہ خود مرکز اور محور کے گرد چلتے ہیں پھر خود مرکز اور محور بن جاتے ہیں جن کے بارے میں حدیث ہے ’’جدھر علی علیہ السلام جائے ادھر حق ہے‘‘، ’’جہاں علی وہاں حق‘‘۔ حقیقی مجاہدین کا ہدف اللہ تعالٰی کی رضا کا حصول ہے نہ کہ ظاہری فتح یا مال غنیمت یا نام و نمود (اَفَمَنِ اتَّبَعَ رِضۡوَانَ اللّٰہِ)۔ جنگ کے محاذ سے فرار اور میدان جنگ چھوڑ کر بھاگ جانے کا نتیجہ اللہ تعالیٰ کا غضب ہے(کَمَنۡۢ بَآءَ بِسَخَطٍ)۔ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور اس کا غضب ایک مسلمان کے عمل کا معیار ہونا چاہیے۔ اس چیز کو مد نظر رکھنا ہوگا کہ کون سا عمل اللہ تعالیٰ کی رضا کا سبب ہے اور کون سا عمل اس کی ناراضگی و غضب کا باعث ہے (رِضۡوَانَ اللّٰہِ ۔۔۔ بِسَخَطٍ مِّنَ اللّٰہِ)۔

آیت ۱۶۴:

انبیاء کو خود لوگوں میں سے منتخب کرنے کے درج ذیل برکات اور اسباب ہیں: الف: لوگ اس شخصیت کی رسالت کے اعلان سے پہلے اس کی زندگی اور کردار بارے آگاہ ہوتے ہیں، اسی بنا پر اس پر اعتماد کرتے ہیں۔ ب:الٰہی دستورات کے نفاذ کے لیے وہ عملی نمونہ ہوتے ہیں۔ ج: لوگوں کے مسائل اور مشکلات سے واقف ہوتے ہیں۔ د: عوام میں سے ہونے کہ وجہ سے ان تک ہر ایک کی پہنچ ہوتی ہے۔ و: لوگوں کی خوشی و غمی میں شریک ہوتے ہیں۔ انبیاء کی بعثت لوگوں کے لیے سب سے بڑا آسمانی ہدیہ ہے،یہ لوگوں پر اللہ تعالیٰ کا عظیم احسان ہے (لَقَدۡ مَنَّ اللّٰہُ)۔ اگرچہ انبیاء کی بعثت سب کے لیے ہے لیکن فقط مومنین ہی ان کی ہدایت کے نور سے فائدہ اٹھاتے ہیں (لَقَدۡ مَنَّ اللّٰہُ عَلَی الۡمُؤۡمِنِیۡنَ)۔ قرآنی آیات کی تلاوت تزکیہ، طہارت اور تعلیم کا وسیلہ ہے (یَتۡلُوۡا۔۔۔یُزَکِّیۡہِمۡ وَ یُعَلِّمُہُمُ)۔ تزکیہ و تعلیم انبیاء کے تمام کاموں کی بنیاد ہے (یُزَکِّیۡہِمۡ وَ یُعَلِّمُہُمُ)۔ رشد و خودسازی اور ترقی و کمال تک پہنچنا انبیاء کے مکتب کے سایہ میں اور الٰہی آیات کی روشنی میں ہونا چاہیے، ایسی ریاضتیں، رہبانیت اور عبادتیں جن کی بنیاد الٰہی آیات نہ ہوں اور ان کے معلم انبیاء نہ ہوں تو وہ انحرافی ہیں۔ گناہ سے آلودہ ماحول میں بھی نیک کام کیے جاسکتے ہیں (یُزَکِّیۡہِمۡ وَ یُعَلِّمُہُمُ۔۔۔ وَ اِنۡ کَانُوۡا مِنۡ قَبۡلُ لَفِیۡ ضَلٰلٍ مُّبِیۡنٍ)۔ انبیاء کے مکتب میں روحانی تعلیم و تربیت اور فکری و نظریاتی تعلیم و تربیت، حکمت و بصیرت کے ساتھ پیش کی جاتی ہے(وَ یُزَکِّیۡہِمۡ وَ یُعَلِّمُہُمُ الۡکِتٰبَ وَ الۡحِکۡمَۃَ)۔

آیت ۱۶۵:

جنگ احد میں ستر مسلمان شہید ہوئے۔ لوگ پیغمبراکرمﷺ سے سوال کرتے تھے کہ ہم نے شکست کیوں کھائی؟ تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اے رسول! ان کو جواب دو کہ تم نے جنگ بدر میں اس کے دو برابر دشمن کو نقصان پہنچایا تھا۔ تم نے ان کے ستر افراد کو ہلاک کیا تھا اور ستر کو اسیر بنایا تھا۔ نیز یہ کہ جنگ احد میں تمہاری شکست کی وجہ تمہارے اندر اختلاف و تفرقہ،تمہاری سستی و کاہلی، بزدلی اور کمانڈر کی نافرمانی ہے۔ کسی چیز کے متعلق فیصلہ دیتے وقت تلخیاں، ناکامیاں اورکامیابیاں سب کو مدنظر رکھا جائے، تم فقط جنگ احد کی شکست کو سامنے رکھ کر فیصلہ مت کرو بلکہ غزوہ بدر کی کامیابی کو بھی یاد کرو (قَدۡ اَصَبۡتُمۡ مِّثۡلَیۡہَا)۔ شکست کے اسباب کی تلاش میں سب سے پہلے اپنے اندر جھانکو پھر باہر کے اسباب کو دیکھو (قُلۡ ہُوَ مِنۡ عِنۡدِ اَنۡفُسِکُمۡ)۔ یہ خیال مت کرو کہ کامیانی اور فتح و کامرانی کے لیے مسلمان ہوجانا کافی ہے تاکہ شکست کھانے کی صورت میں سوال اٹھاؤ کہ ایسا کیوں ہوا، ویسا کیوں نہ ہوا؟ ہم تو مسلمان ہیں۔ کیونکہ فتح کے لیے ایمان کے علاوہ عسکری قوانین کا لحاظ رکھنا بھی ضروری ہے (قُلۡتُمۡ اَنّٰی ہٰذَا ؕ قُلۡ ہُوَ مِنۡ عِنۡدِ اَنۡفُسِکُمۡ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 166 تا 173
وَمَآ أَصَٰبَكُمۡ يَوۡمَ ٱلۡتَقَى ٱلۡجَمۡعَانِ فَبِإِذۡنِ ٱللَّهِ وَلِيَعۡلَمَ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ ١٦٦ وَلِيَعۡلَمَ ٱلَّذِينَ نَافَقُواْۚ وَقِيلَ لَهُمۡ تَعَالَوۡاْ قَٰتِلُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ أَوِ ٱدۡفَعُواْۖ قَالُواْ لَوۡ نَعۡلَمُ قِتَالٗا لَّٱتَّبَعۡنَٰكُمۡۗ هُمۡ لِلۡكُفۡرِ يَوۡمَئِذٍ أَقۡرَبُ مِنۡهُمۡ لِلۡإِيمَٰنِۚ يَقُولُونَ بِأَفۡوَٰهِهِم مَّا لَيۡسَ فِي قُلُوبِهِمۡۚ وَٱللَّهُ أَعۡلَمُ بِمَا يَكۡتُمُونَ ١٦٧ ٱلَّذِينَ قَالُواْ لِإِخۡوَٰنِهِمۡ وَقَعَدُواْ لَوۡ أَطَاعُونَا مَا قُتِلُواْۗ قُلۡ فَٱدۡرَءُواْ عَنۡ أَنفُسِكُمُ ٱلۡمَوۡتَ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ ١٦٨ وَلَا تَحۡسَبَنَّ ٱلَّذِينَ قُتِلُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ أَمۡوَٰتَۢاۚ بَلۡ أَحۡيَآءٌ عِندَ رَبِّهِمۡ يُرۡزَقُونَ ١٦٩ فَرِحِينَ بِمَآ ءَاتَىٰهُمُ ٱللَّهُ مِن فَضۡلِهِۦ وَيَسۡتَبۡشِرُونَ بِٱلَّذِينَ لَمۡ يَلۡحَقُواْ بِهِم مِّنۡ خَلۡفِهِمۡ أَلَّا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ١٧٠ ۞ يَسۡتَبۡشِرُونَ بِنِعۡمَةٖ مِّنَ ٱللَّهِ وَفَضۡلٖ وَأَنَّ ٱللَّهَ لَا يُضِيعُ أَجۡرَ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ ١٧١ ٱلَّذِينَ ٱسۡتَجَابُواْ لِلَّهِ وَٱلرَّسُولِ مِنۢ بَعۡدِ مَآ أَصَابَهُمُ ٱلۡقَرۡحُۚ لِلَّذِينَ أَحۡسَنُواْ مِنۡهُمۡ وَٱتَّقَوۡاْ أَجۡرٌ عَظِيمٌ ١٧٢ ٱلَّذِينَ قَالَ لَهُمُ ٱلنَّاسُ إِنَّ ٱلنَّاسَ قَدۡ جَمَعُواْ لَكُمۡ فَٱخۡشَوۡهُمۡ فَزَادَهُمۡ إِيمَٰنٗا وَقَالُواْ حَسۡبُنَا ٱللَّهُ وَنِعۡمَ ٱلۡوَكِيلُ ١٧٣
ترجمہ
اور (جنگ احد میں)دو گروہوں کے درمیان مقابلے کے روز تمہیں جو مصیبت پہنچی وہ اللہ کے اذن سے تھی اور (ا س لیے کہ) اللہ دیکھنا چاہتا تھا کہ مومن کون ہیں۔(۱۶۶) اور یہ اس لیے بھی تھا کہ منافقوں کی پہچان ہوجائے، جب ان سے کہا گیا: آؤ اور اللہ کے راستہ میں جنگ کرو یا کم از کم اپنے شہر کا دفاع کرو تو انہوں نے کہا:اگر ہم جنگی مہارت رکھتے تو ضرور تمہارے ساتھ جنگ کے لیے نکلتے، وہ لوگ اس دن ایمان کی بہ نسبت کفر کے بہت نزدیک تھے کیونکہ وہ ایسی بات کہتے ہیں جو ان کے دلوں میں نہیں ہوتی، جو وہ چھپا رہے ہیں اللہ اس سے زیادہ آگاہ ہے۔(۱۶۷) وہ لوگ جو اپنے گھروں میں بیٹھے رہے اور انہوں نے اپنے بھائیوں کے متعلق کہا: اگر ہماری بات مان لی ہوتی اور جنگ کے لیے نہ جاتے تو قتل نہ کئے جاتے، (اے رسول!) ان سے کہہ دو: اگر تم سچے ہو تو پھر موت کو اپنے سے ٹال دو۔(۱۶۸) اور جو اللہ کی راہ میں قتل ہوئے ہیں تم ان کے بارے ہرگز ایسا خیال مت کرو کہ وہ مردہ ہیں بلکہ وہ تو زندہ ہیں، انہیں اپنے رب کے ہاں سے روزی دی جاتی ہے۔(۱۶۹) اللہ نے اپنے فضل سے انہیں جو کچھ دیا ہے وہ اس پر خوش ہیں اور جو ان کے پیچھے ہیں اور ابھی تک ان کے ساتھ ملحق نہیں ہوئے وہ انہیں خوشخبری دیتے ہیں کہ ان پر نہ تو کسی قسم کا خوف ہے اور نہ ہی کوئی غم و اندوہ ہوگا۔(۱۷۰) وہ بعد والوں کے لیے اللہ کے فضل و نعمت کی خوشخبری دیتے ہیں اور یہ کہ اللہ مومنوں کے ثواب کو ضائع نہیں کرتا۔(۱۷۱) جنہوں نے زخم کھانے کے بعد بھی اللہ اور رسول کی دعوت کو قبول کرلیا ، ان میں سے جو لوگ نیکی کرنے والے اور متقی ہیں، ان کے لیے بڑا اجر ہے۔(۱۷۲) یہ وہی ہیں جن سے کچھ لوگوں نے کہا تھا کہ بلاشک لوگ( کفار مکہ) تمہارے خلاف اکٹھے ہوئے ہیں پس تم ان سے ڈرو، لیکن (ڈرنے کی بجائے) ان کے ایمان میں مزید اضافہ کردیا اور انہوں نے کہا: اللہ ہی ہمارے لیے کافی ہے اور وہ سب سے بہتر نگہبان ہے۔(۱۷۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۶۶:

اللہ تعالیٰ نے ہر کام کے لیے سبب قرار دیا ہے۔ ہر کامیابی اور ہر شکست کے لیے بھی سبب اور وجہ ہے۔ جنگ احد میں مسلمانوں کی شکست کی وجہ ان کی سستی و کاہلی اور ان کا آپس میں ہم آہنگ نہ ہونا اور مال غنیمت اکٹھا کرنے کا لالچ تھا۔ پچھلی آیت میں فرمایا: (ہُوَ مِنۡ عِنۡدِ اَنۡفُسِکُمۡ)یہ شکست خود تمہاری اپنی وجہ سے ہوئی۔ اس آیت میں فرمایا: تمہارا اپنا انتخاب تھا، افتراق یا اتحاد، سنجیدگی یا سستی، یہ سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے کہ اس نے تمہیں ان دو حالتوں سے ایک کے انتخاب کا اختیار اور قدرت دی ہے ان میں سے جس کا انتخاب کرو گے اسی کا نتیجہ پاؤ گے۔ تلخ و شیرین حادثات و حالات انسانوں کی شناخت اور آزمائش کا میدان ہیں (لِیَعۡلَمَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ)۔

آیت ۱۶۷:

(لَوۡ نَعۡلَمُ قِتَالًا)کے تین معانی کئے گئے ہیں: الف: احد کی جانب آپ کی روانگی اور جنگ کے لیے شہر سے باہر جانا نہ صرف نابرابری کی جنگ ہے بلکہ ایک طرح کی خودکشی ہے لہذا ہم اس جنگ میں شرکت نہیں کریں گے۔ ’’یہ بات ان لوگوں نے کہی جو جنگ کے لیے شہر سے نہ نکلے‘‘۔ ب: اگر ہم جنگی فنون بارے مہارت رکھتے تو ضرور جنگ کے لیے جاتے۔ ج: ہمیں یقین ہے کہ یہ جنگ نہیں ہوگی لہذا محاذ جنگ پر جانے کی ضرورت نہیں۔ جنگ احد نے منافقین کے چہروں سے نقاب الٹ دیا(وَ لِیَعۡلَمَ الَّذِیۡنَ نَافَقُوۡا)۔ رہبر کو چاہیے کہ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے لوگوں کو آمادہ کرے اور انہیں مقابلہ کے لیے لے چلے (تَعَالَوۡا قَاتِلُوۡا)۔ بعض دفعہ جہاد ابتدائی ہوتا ہے اور سرکشوں اور ظالموں کے خاتمہ کے لیے کیا جاتا ہے اور بعض دفعہ دفاعی اور مسلمانوں کی حفاظت کے لیے ہوتا ہے (قَاتِلُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ اَوِ ادۡفَعُوۡا)۔ اپنے وطن اور اپنی جان کا دفاع کرنا اور اپنے ساتھیوں اور قوم قبیلہ والوں کادفاع کرنا قدر والی بات ہے اور اہمیت رکھتی ہے (اَوِ ادۡفَعُوۡا)۔ منافقین اپنے غلط اقدامات کے لیے جواز پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں(لَوۡ نَعۡلَمُ قِتَالًا لَّا تَّبَعۡنٰکُمۡ)۔ محاذ جنگ سے فرار کرنا کفر کی نشانی ہے (ہُمۡ لِلۡکُفۡرِ یَوۡمَئِذٍ اَقۡرَبُ)۔ جنگ احد میں نفاق کا صرف ایک گوشہ سب پر عیاں ہوا جبکہ پورے نفاق بارے اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے (وَ اللّٰہُ اَعۡلَمُ بِمَا یَکۡتُمُوۡنَ)۔

آیت ۱۶۸:

منافقین نے جب دیکھا کہ لوگ محاذ جنگ پر جارہے ہیں تو وہ اس وقت اپنے گھروں میں بیٹھ گئے (وَ قَعَدُوۡا)اور شہدا کے خاندانوں کے جذبات کو کمزور کرنے کے درپے ہوئے اور کہنے لگے(لَوۡ اَطَاعُوۡنَا مَا قُتِلُوۡا)ہماری بات مان لیتے تو قتل نہ ہوتے۔ منافقین کے غلط اور جھوٹے پروپیگنڈوں کے بارے ہوشیار رہنا ضروری ہے (قُلۡ فَادۡرَءُوۡا عَنۡ اَنۡفُسِکُمُ الۡمَوۡتَ)ان کے جھوٹے پروپیگنڈوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے، اگر تم سچے ہو تو اپنے آپ سے موت کو ٹال دو۔ موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، جب موت آجائے تو محاذ جنگ میں ہونا یا گھر میں ہونا موت کو ٹال نہیں سکتا (فَادۡرَءُوۡا عَنۡ اَنۡفُسِکُمُ الۡمَوۡتَ اِنۡ کُنۡتُمۡ صٰدِقِیۡنَ)۔

آیت ۱۶۹:

قرآنی تعلیمات کی روشنی میں شہدا زندہ ہیں۔ بالخصوص وہ شہدا جو اسلام کی بقا کے لیے شہید ہوئے ہیں جیسے شہدائے کربلا۔ہم ان سے بات کرتے ہیں، ان پر سلام بھیجتے ہیں، وہ ہمارا سلام سنتے ہیں، ہماری باتیں سنتے ہیں اور سمجھتے ہیں، ہمارے سلام کا جواب دیتے ہیں لیکن ہم ان کے جواب کو سن نہیں پاتے۔ ہم اپنی مشکلات اور حاجت روائی کے لیے اللہ تعالیٰ کے ہاں انہیں اپنا وسیلہ بناتے ہیں۔ شہید اور شہادت بارے چند نکات: ۱۔ احادیث میں ہے ہر نیکی سے اوپر ایک اور نیکی ہے مگر جب شہادت کی نیکی نصیب ہوجائے تو اس کے اوپر کوئی اور نیکی نہیں۔ ۲۔ قیامت کے دن شہید کے لیے شفاعت کا مقام و مرتبہ ہے۔ ۳۔ شہدا بہشت میں ایک خاص دروازے سے داخل ہوں گے جس کا نام باب الشہدا ہے۔ بہشت میں شہدا کا خاص مقام ہوگا۔ ۴۔ اہل بہشت میں سے فقط شہید ہی ہو گا جو یہ آرزو کرے گا کہ وہ واپس دنیا میں جائے اور ایک بار پھر اللہ تعالیٰ کی راہ میں شہید ہو جائے۔ ۵۔ بہترین اور برترین موت شہادت ہے۔ ۶۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں شہید کے خون کے قطرہ سے زیادہ محبوب کوئی اور شئے نہیں۔ ۷۔ ہمارے آئمہ علیہم السلام شہید ہوئے ہیں، بہت سارے انبیاء اور ان کے پیروکار بھی شہید ہوئے ہیں (وَ کَاَیِّنۡ مِّنۡ نَّبِیٍّ قٰتَلَ ۙ مَعَہٗ رِبِّیُّوۡنَ کَثِیۡرٌ)’’آل عمران، ۱۴۶‘‘، (یَقۡتُلُوۡنَ النَّبِیّٖنَ بِغَیۡرِ الۡحَقِّ)’’بقرہ، ۶۱‘‘۔ ۸۔ حضرت علی علیہ السلام کے دسیوں فضائل ہیں لیکن جب آپ پر ضربت لگی تو آپ نے اس منظر کو دیکھ کر فرمایا:(فُزْتَ وَ رَبِّ الْكَعْبَةِ)۔ ۹۔ حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا: قسم اللہ کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے، راہ خدا میں تلوار کے ہزار زخم میرے لیے بستر کی موت سے زیادہ آسان ہے۔ ۱۰۔ جب اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کیا جانے والا مال سات سو گنا بڑھے یا اس سے بھی زیادہ کی قابلیت رکھتا ہو تو اللہ تعالیٰ کی راہ میں جان دینا اور خون بہانا کس قدر عظمت رکھتا ہو گا؟ اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے، یہ دنیاوی حساب کتاب میں نہیں آتا۔ شہادت زندگی کا اختتام نہیں بلکہ نئی حیات کا آغاز ہے، بہت سارے زندہ ایسے ہیں (جو چلتی پھرتی لاشیں ہیں) جو حقیقت میں مرے ہوئے ہیں، ان کے ضمیر مردہ ہیں، لیکن اللہ تعالیٰ کی راہ میں قتل ہونے والے زندہ ہیں، مردہ نہیں(بَلۡ اَحۡیَآءٌ)۔ شہادت کا مطلب کچھ ہاتھ سے دینا نہیں اور نہ ہی نقصان ہے بلکہ پانا، حقیقی زندگی اور اس کا سرمایہ حاصل کرنا ہے(بَلۡ اَحۡیَآءٌ۔۔۔ یُرۡزَقُوۡنَ)۔ اس قتل ہونے کی قدر ہے جو اللہ تعالیٰ کی راہ میں ہو (قُتِلُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ شہید کے بارے میں یہ خیال کرنا کہ وہ ہلاک ہوا ہے یا اسے خسارہ اٹھانا پڑا ہے ایک انحرافی اور باطل سوچ ہے، ایسی سوچ کی اصلاح ہونی چاہیے(لَا تَحۡسَبَنَّ)۔

آیت ۱۷۰:

احادیث میں ہے کہ حقیقی مومنین وہ ہیں جو قرآن مجید،پیغمبراکرمﷺ اور اہل بیت علیہم السلام کی باتوں کو چھوڑ کر کسی اور کی بات کو قبول نہیں کرتے اور نہ ہی کسی کی قیادت کو تسلیم کرتے ہیں، ان کے لیے یہ آیت بشارت ہے۔ شہدا اللہ تعالیٰ کے الطاف کو اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم قرار دیتے ہیں، اسے اپنے خون کا عوض نہیں سمجھتے(مِنۡ فَضۡلِہٖ)۔ شہدا کی اجتماعی زندگی ہے، وہ ایک دوسرے سے ملحق ہوجاتے ہیں اور دوسروں کے انتظار میں رہتے ہیں (یَسۡتَبۡشِرُوۡنَ بِالَّذِیۡنَ لَمۡ یَلۡحَقُوۡا بِہِمۡ)۔

آیت ۱۷۱:

شہدا ایسی نعمت پائیں گے اور مقام و مرتبہ پر فائز ہوں گے جس کا ادراک ہم نہیں کر سکتے (نِعۡمَۃٍ) اور (فَضۡلٍ) نکرہ آیا ہے جو اس معنی کو بیان کر رہا ہے۔ نیک اعمال کرنے والوں کے اجر و ثواب کی ضمانت دی گئی ہے (لَا یُضِیۡعُ اَجۡرَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ)۔ ثواب کی ضمانت نیک عمل کرنے کے لیے ترغیب کا سبب ہے (لَا یُضِیۡعُ)۔

آیت ۱۷۲:

جب پیغمبراکرمﷺ کو یہ اطلاع ملی کہ قریش مکہ مدینہ واپس آکر دوبارہ مدینہ پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ نے مسلمانوں کو جنگ کی تیاری کرنے کا حکم دیا۔ آپ کے حکم پر جو فوجی زخمی تھے وہ بھی دوبارہ جنگ پر جانے کے لیے تیار ہوگئے۔ ابوسفیان کو جب مسلمانوں کی اس تیاری بارے خبر ملی تو اس نے خیال کیا کہ ایک تازہ دم لشکر مقابلہ کے لیے آمادہ ہے لہذا وہ دوبارہ حملہ کرنے سے باز آیا اور مکہ لوٹ گیا۔ حقیقی مومنین سخت ترین حالات میں بھی اسلام کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹتے (اسۡتَجَابُوۡا ۔۔۔ مِنۡۢ بَعۡدِ مَاۤ اَصَابَہُمُ الۡقَرۡحُ)۔ زخمیوں کے محاذ جنگ میں شرکت کرنے کے لیے آمادہ ہونے سے صحیح و سالم افراد میں بھی جنگ میں شرکت کرنے کا جذبہ پیدا ہوا (اسۡتَجَابُوۡا ۔۔۔ مِنۡۢ بَعۡدِ مَاۤ اَصَابَہُمُ الۡقَرۡحُ)۔ رسول ﷺ کی اطاعت اللہ تعالیٰ ہی کی اطاعت ہے (اسۡتَجَابُوۡا لِلّٰہِ وَ الرَّسُوۡلِ)۔ زخمیوں کا محاذ جنگ میں جانا ان کی وفاداری کی علامت اور دین، رہبر اور مقصد سے دلی لگاؤ اور عشق و محبت کا اظہار ہے (مِنۡۢ بَعۡدِ مَاۤ اَصَابَہُمُ الۡقَرۡحُ)۔ جنگ کے محاذ میں حاضر ہونا اور زخمی ہونا تقویٰ کے ہمراہ نہ ہو تو اس کی کوئی قدر و منزلت نہیں (لِلَّذِیۡنَ اَحۡسَنُوۡا مِنۡہُمۡ وَ اتَّقَوۡا)۔ وہ مجاہد قابل تعریف ہے جو : الف: جنگ سے نہ تھکے (اسۡتَجَابُوۡا ۔۔۔ مِنۡۢ بَعۡدِ مَاۤ اَصَابَہُمُ الۡقَرۡحُ)۔ ب: کام کرنے والا اور نیک سیرت ہو (لِلَّذِیۡنَ اَحۡسَنُوۡا مِنۡہُمۡ)۔ ج: پرہیزگار اور متقی ہو (وَ اتَّقَوۡا)۔

آیت ۱۷۳:

دشمن یہ پروپیگنڈہ کرتا ہے اور کچھ سادہ لوح اور ڈرپوک افراد بھی مجاہدین سے یہ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ دشمن بہت زیادہ طاقتور ہے اور اس کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا لہذا بہتر یہ ہے کہ ان سے جنگ نہ کی جائے لیکن حقیقی اور سچے مسلمان بغیر خوف و ہراس کے اللہ تعالیٰ پر توکل کرتے ہوئے ان کی باتوں کو ٹھکراتے ہوئے میدان جنگ میں کود جاتے ہیں۔ جنگ کے محاذ میں اندرونی دشمن سے چوکنا رہنا ہوگا (فَاخۡشَوۡہُمۡ)۔ دشمن کی دھمکیوں اور سازشوں کا مضبوط ترین توڑ ایمان اور اللہ تعالیٰ پر توکل ہے (حَسۡبُنَا اللّٰہُ وَ نِعۡمَ الۡوَکِیۡلُ)۔ مومنین جب مشکلات اور مصائب کے گرداب میں پھنس جاتے ہیں تو وہ اللہ تعالیٰ پر توکل اور اس کی مدد پر زیادہ توجہ دیتے ہیں (فَزَادَہُمۡ اِیۡمَانًا)۔ کامیابی کے لیے کوشش اور جد و جہد کرنا ضروری ہے لیکن اس کے لیے بنیادی شرط ایمان اور اللہ تعالیٰ پر توکل کرنا ہے (اسۡتَجَابُوۡا ۔۔۔حَسۡبُنَا اللّٰہُ وَ نِعۡمَ الۡوَکِیۡلُ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 174 تا 180
فَٱنقَلَبُواْ بِنِعۡمَةٖ مِّنَ ٱللَّهِ وَفَضۡلٖ لَّمۡ يَمۡسَسۡهُمۡ سُوٓءٞ وَٱتَّبَعُواْ رِضۡوَٰنَ ٱللَّهِۗ وَٱللَّهُ ذُو فَضۡلٍ عَظِيمٍ ١٧٤ إِنَّمَا ذَٰلِكُمُ ٱلشَّيۡطَٰنُ يُخَوِّفُ أَوۡلِيَآءَهُۥ فَلَا تَخَافُوهُمۡ وَخَافُونِ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ ١٧٥ وَلَا يَحۡزُنكَ ٱلَّذِينَ يُسَٰرِعُونَ فِي ٱلۡكُفۡرِۚ إِنَّهُمۡ لَن يَضُرُّواْ ٱللَّهَ شَيۡـٔٗاۚ يُرِيدُ ٱللَّهُ أَلَّا يَجۡعَلَ لَهُمۡ حَظّٗا فِي ٱلۡأٓخِرَةِۖ وَلَهُمۡ عَذَابٌ عَظِيمٌ ١٧٦ إِنَّ ٱلَّذِينَ ٱشۡتَرَوُاْ ٱلۡكُفۡرَ بِٱلۡإِيمَٰنِ لَن يَضُرُّواْ ٱللَّهَ شَيۡـٔٗاۖ وَلَهُمۡ عَذَابٌ أَلِيمٞ ١٧٧ وَلَا يَحۡسَبَنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُوٓاْ أَنَّمَا نُمۡلِي لَهُمۡ خَيۡرٞ لِّأَنفُسِهِمۡۚ إِنَّمَا نُمۡلِي لَهُمۡ لِيَزۡدَادُوٓاْ إِثۡمٗاۖ وَلَهُمۡ عَذَابٞ مُّهِينٞ ١٧٨ مَّا كَانَ ٱللَّهُ لِيَذَرَ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ عَلَىٰ مَآ أَنتُمۡ عَلَيۡهِ حَتَّىٰ يَمِيزَ ٱلۡخَبِيثَ مِنَ ٱلطَّيِّبِۗ وَمَا كَانَ ٱللَّهُ لِيُطۡلِعَكُمۡ عَلَى ٱلۡغَيۡبِ وَلَٰكِنَّ ٱللَّهَ يَجۡتَبِي مِن رُّسُلِهِۦ مَن يَشَآءُۖ فَـَٔامِنُواْ بِٱللَّهِ وَرُسُلِهِۦۚ وَإِن تُؤۡمِنُواْ وَتَتَّقُواْ فَلَكُمۡ أَجۡرٌ عَظِيمٞ ١٧٩ وَلَا يَحۡسَبَنَّ ٱلَّذِينَ يَبۡخَلُونَ بِمَآ ءَاتَىٰهُمُ ٱللَّهُ مِن فَضۡلِهِۦ هُوَ خَيۡرٗا لَّهُمۖ بَلۡ هُوَ شَرّٞ لَّهُمۡۖ سَيُطَوَّقُونَ مَا بَخِلُواْ بِهِۦ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِۗ وَلِلَّهِ مِيرَٰثُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ خَبِيرٞ ١٨٠
ترجمہ
چنانچہ اللہ کی عطا کردہ نعمت اور فضل کے سبب (دوسری بار دفاع کے لیے جانے والے زخمی مجاہد بغیر جنگ کے اپنی سکونت کی جگہ) پلٹ کر آئے، انہیں کسی قسم کی تکلیف بھی نہیں ہوئی اور وہ اللہ کی خوشنودی کے تابع رہے اور اللہ بڑے فضل والا ہے۔(۱۷۴) یہ شیطان ہی ہے جو اپنے دوستوں کو (کفار کی طاقت سے) ڈراتا ہے لہٰذا اگر تم مومن ہو تو ان لوگوں سے مت ڈرو فقط مجھ(اللہ کے دستورات کی مخالفت کرنے) سے ڈرو۔(۱۷۵) اور (اے رسول!) جو لوگ کفر کی طرف جانے میں تیزی دکھاتے ہیں (ان کی وجہ سے) آپ اداس نہ ہوں، یہ لوگ اللہ کو کچھ بھی نقصان نہیں دے سکیں گے، اللہ چاہتا ہے کہ آخرت میں ان کے نصیب میں ان کا کوئی حصہ نہ رکھے اور ان کے لیے تو بڑا عذاب ہے۔(۱۷۶) جنہوں نے ایمان کے مقابلے میں کفر خرید لیا ہے یقیناً وہ بھی اللہ کو کوئی نقصان نہیں دے سکیں گے اور ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔(۱۷۷) اور کفر اختیار کرنے والے لوگ یہ گمان نہ کریں کہ ہم انہیں جو مہلت دے رہے ہیں وہ ان کے لیے بہتر ہے، ہم تو انہیں صرف اس لیے مہلت دے رہے ہیں تاکہ یہ لوگ اپنے گناہوں میں اور اضافہ کر لیں اور ان کے لیے ذلیل کرنے والا عذاب ہو گا۔(۱۷۸) اللہ مومنوں کو اس حال میں رہنے نہیں دے گا جس حالت میں اب تم لوگ ہو یہاں تک کہ(پے در پے آزمائشوں کے ذریعہ) پاک (لوگوں) کو ناپاک (لوگوں) سے الگ کر دے اور اللہ تمہیں غیب کی باتوں سے آگاہ نہیں کرے گا (تاکہ اس کے ذریعہ تم مومنین اور منافقین کو پہچان سکو) بلکہ اللہ اپنے رسولوں میں سےجسے چاہتا ہے(غیب سے آگاہی کے لیے) منتخب کر لیتا ہے پس تم اللہ اور اس کے رسولوں پر ایمان لے آؤ اور (جان لو کہ)اگر تم ایمان لے آؤ گے اور تقویٰ اختیار کرو گے تو تمہیں بڑا اجر ملے گا۔(۱۷۹) اور جو لوگ اللہ کے عطا کردہ فضل میں(سے انفاق کرنے میں) بخل سے کام لیتے ہیں وہ یہ نہ سمجھیں کہ یہ(بخل کرنا) ان کے لیے بہتر ہے بلکہ یہ ان کے نقصان میں ہے، جس چیز میں وہ بخل کرتے تھے(بہت جلد) وہ قیامت کے دن گلے کا طوق بن جائے گا اور آسمانوں اور زمین کی میراث اللہ ہی کے لیے ہے اور اللہ تمہارے اعمال سے آگاہ ہے۔(۱۸۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۷۴:

رسول خداﷺ کے اس اعلان کے بعد کہ تمام مسلمان جنگ کے لیے آمادہ ہوجائیں اور دشمن کا تعاقب کرنے کے لیے جنگ احد میں زخمی ہونے والے مجاہدین کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے دشمن دوبارہ حملہ کرنےسے باز آیا اور واپس لوٹ گئے۔ یہ آیت جنگ احد کے زخمی اور مخلص مجاہدین کی تعریف میں ہے۔ اللہ تعالیٰ پر توکل کے ساتھ فرض کی ادائیگی کے راستے پر گامزن رہنا مشکلات کو آسان بنا دیتا ہے (فَانۡقَلَبُوۡا بِنِعۡمَۃٍ۔۔۔)۔ کتنے لوگ ایسے ہیں جو خدا کی راہ میں خطرات کا سامنا کر نے کے لیے گئے لیکن صحیح سلامت واپس لوٹے(لَمۡ یَمۡسَسۡہُمۡ سُوۡٓء)۔ مردان خدا کے لیے اللہ تعالیٰ کی رضا اصل اور بنیادی حیثیت رکھتی ہے نہ شہادت(لَمۡ یَمۡسَسۡہُمۡ سُوۡٓء وَّ اتَّبَعُوۡا رِضۡوَانَ اللّٰہِ)۔ مجاہدین کو اللہ تعالیٰ کا عظیم فضل عطا ہوتا ہے (وَ اللّٰہُ ذُوۡ فَضۡلٍ عَظِیۡمٍ)۔

آیت ۱۷۵:

ہر قسم کی افواہ جو مسلمانوں کے لیے خوف و ہراس اور مایوسی کا باعث ہو شیطانی عمل ہے (اِنَّمَا ذٰلِکُمُ الشَّیۡطٰنُ یُخَوِّفُ اَوۡلِیَآءَہٗ)۔ ڈرانا دھمکانا شیطانی طاقتوں کی مستقل پالیسی ہے۔ خدا کا خوف، الٰہی دستورات کی اطاعت کی بنیاد ہے اور غیر اللہ کا خوف الٰہی دستورات کی نافرمانی کی بنیاد ہے(فَلَا تَخَافُوۡہُمۡ وَ خَافُوۡنِ)’’سابقہ آیات کی روشنی میں‘‘۔ حقیقی مومن خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا اور جانتا ہے کہ ایمان شجاعت سے جدا نہیں ہے(وَ خَافُوۡنِ اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِیۡنَ)۔

آیت ۱۷۶:

گویا یہ آیت جنگ احد کے مجاہدین کے اس سوال کے جواب میں ہے کہ اگر مسلمان شکست کھا گئے اور کفار کو فتح ملے تو کیا ہو گا؟ اس میں کہا گیا ہے: اس بارے تم فکر مند نہ ہوجاؤ کیونکہ کفار اور مجرمین کو مہلت دینا خدا کی سنت ہے، تاکہ ان کے کفر کا پیمانہ بھر جائے اور آخرت میں ان کے حصہ میں کچھ بھی نہ ہو۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اسلام کی بقا کے حوالے سے مطمئن رہیں کیونکہ اسلام کو مٹانے کی کفار کی کوششیں بے اثر ہیں اور وہ اللہ تعالٰی کو ذرہ برابر بھی نقصان نہیں پہنچاسکتے (لَا یَحۡزُنۡکَ ۔۔۔ اِنَّہُمۡ لَنۡ یَّضُرُّوا اللّٰہَ)۔ کفار کو مہلت دینا اللہ تعالیٰ کی سنت و قانون ہے، ان کو مہلت دینا اللہ تعالیٰ کا ان کے عمل سے آگاہ نہ ہونے یا عجز و ناتوانی کی علامت نہیں (یُرِیۡدُ اللّٰہُ اَلَّا یَجۡعَلَ لَہُمۡ حَظًّا فِی الۡاٰخِرَۃِ)۔ آخرت میں انسان کی محرومی دنیا میں اس کے اعمال کا نتیجہ ہے(یُسَارِعُوۡنَ فِی الۡکُفۡرِ ۔۔۔اَلَّا یَجۡعَلَ لَہُمۡ حَظًّا فِی الۡاٰخِرَۃِ)۔

آیت ۱۷۷:

قرآن مجید کی نگاہ میں دنیا بازار ، لوگ بیچنے والے اور عقیدہ اور اعمال اس بازار میں فروخت کی جانے والی چیزیں ہیں۔ اس بازار میں،خرید و فروخت لازمی ہے۔ لیکن گاہک کا انتخاب انسان کے اختیار میں ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنے اعمال اور عقائد کو چھوڑ نہیں سکتے۔ لیکن اپنے عقائد اور اعمال کا انتخاب ہم خود کر سکتے ہیں۔قرآن مجید ان لوگوں کی تعریف کرتا ہے جو خدا کے ساتھ اپنی زندگیوں کا سودا کرتے ہیں اور اس کے بدلے میں جنت اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرتے ہیں اور ان لوگوں پر تنقید کرتا ہے جو اپنے برے انتخاب کی وجہ سے یا تو فائدہ حاصل نہیں کرتے (فَمَا رَبِحَتۡ تِّجَارَتُہُمۡ)’’بقرہ، ۱۶‘‘یا نقصان اٹھاتے ہیں(اِنَّ الۡاِنۡسَانَ لَفِیۡ خُسۡرٍ)’’عصر، ۲‘‘۔ انسان کا اصل سرمایہ ایمان یا ایمان کی بنیاد قرار پانے والے امور ہیں(اشۡتَرَوُا الۡکُفۡرَ بِالۡاِیۡمَانِ)۔ نظریاتی اور ثقافتی انقلاب میں بعض لوگوں کے انقلاب کی راہ چھوڑنے پر فکر مند نہ ہوں (اشۡتَرَوُا الۡکُفۡرَ ۔۔۔ لَنۡ یَّضُرُّوا اللّٰہَ)۔

آیت ۱۷۸:

قرآن مجید نے متعدد مقامات پر (لَا یَحۡسَبَنَّ) کی تعبیر کفار، منافقین اور کمزور ایمان والے افراد کے لیے استعمال کی ہے اور انہیں حقیقت کی شناخت اور صحیح تجزیہ و تحلیل کرنے سے محروم قرار دیا ہے۔ وہ گمان کرتے ہیں کہ خلقت بے ہودہ، شہادت فنا، دنیا ابدی اور عزت کفار پر بھروسہ کرنے کا نتیجہ اور انسان کی عمر کا طولانی ہونا ان کے لیے خیر و برکت کا سبب ہے۔ جب یزید کے حکم سے امام حسین علیہ السلام کو شہید کیا گیا تو ان کے اہل بیت کو قید کر کے شام میں یزید کے دربار میں لے جایا گیا۔ یزید نے اپنی مجلس میں حضرت زینب علیہاالسلام کو تکبر کے ساتھ مخاطب کیا اور کہا: تم نے دیکھا کہ خدا ہمارے ساتھ ہے؟ اس کے جواب میں حضرت نے یہ آیت تلاوت فرمائی اور کہا: ’’میں تمہیں پست، حقیر اور ہر قسم کی ذلت کے لائق سمجھتی ہوں۔تم جو چاہو کرو لیکن خدا کی قسم! تم نور خدا کو خاموش نہیں کر سکتے‘‘۔ مجرم دو طرح کے ہوتے ہیں: ایک گروہ جس کی اصلاح وعظ و نصیحت اور تلخ و شیریں واقعات کے ذریعے ہو سکتی ہے اور دوسرا گروہ جس کی ہدایت نہیں ہو سکتی۔ اللہ تعالیٰ انہیں ان کی حالت پر چھوڑ دیتا ہے تاکہ ان کی تمام صلاحیتیں ظاہر ہو جائیں۔ اس آیت کے ضمن میں امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: موت کافروں کے لیے ایک نعمت ہے، کیونکہ وہ جتنا زیادہ زندہ رہیں گے، اتنا ہی زیادہ گناہ کریں گے۔ حضرت علی علیہ السلام نے (اِنَّمَا نُمۡلِیۡ لَہُمۡ لِیَزۡدَادُوۡۤا اِثۡمًا)کے متعلق فرمایا: اللہ تعالیٰ نے کسی بندے کو مہلت دینے سے زیادہ سخت شئے سے نہیں آزمایا ہے۔ کفر حقیقت کو پہچاننے کی راہ میں رکاوٹ ہے (لَا یَحۡسَبَنَّ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا)۔ سارے انسان خیر کے طلبگار ہوتے ہیں لیکن بعض لوگ خیر کے مصداق کو پہچاننے میں خطا کرتے ہیں(لَا یَحۡسَبَنَّ ۔۔۔ خَیۡرٌ لِّاَنۡفُسِہِمۡ)۔ کسی شخص کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے مہلت ملنا اس بات کی علامت نہیں کہ وہ اللہ تعالیٰ کا محبوب ہے (لَا یَحۡسَبَنَّ ۔۔۔ خَیۡرٌ لِّاَنۡفُسِہِمۡ)۔ نعمتیں اس صورت میں انسان کے لیے فائدہ مند ہیں جب انہیں رشد و ہدایت اور خیر کی راہ میں استعمال کیا جائے نہ کہ شر اور گناہ کی راہ میں (اِنَّمَا نُمۡلِیۡ لَہُمۡ لِیَزۡدَادُوۡۤا اِثۡمًا)۔ عمر کا طولانی ہونا اہمیت نہیں رکھتا، اہم بات یہ ہے کہ عمر سے فائدہ اٹھایاجائے (اِنَّمَا نُمۡلِیۡ لَہُمۡ)امام سجاد علیہ السلام دعائے مکارم الاخلاق میں فرماتے ہیں: ’’اے میرے رب! جب میری زندگی شیطان کی چراگاہ بن جائے تو مجھے اپنی طرف اٹھا لے‘‘۔ آخرت کے عذاب کی کئی قسمیں اور مراحل ہیں(عَذَابٌ مُّہِیۡنٌ)،پچھلی آیت میں فرمایا(عَذَابٌ اَلِیۡمٌ)۔

آیت ۱۷۹:

یہ آیت جنگ احد کے متعلق اس سورہ کی آخری آیت ہے۔ بعض مومنین، دوسروں کے متعلق غیب اور پوشیدہ چیزوں کو جاننا چاہتے تھے اور غیب کے ذریعہ منافقین کوپہچاننا چاہتے تھے، نہ کہ امتحان اور آزمائش کے ذریعے۔ یہ آیت بتا رہی ہے کہ انسانوں کو پہچاننے کا راستہ آزمائش اور امتحان ہے۔ اگر علم غیب کے ذریعے اچھے اور برے لوگوں کی پہچان ہو جائے تو لوگوں کے دلوں سے امید کی کرن ختم ہو جائے گی اور سماجی تعلقات کا خاتمہ ہو جائے گا اور لوگوں کی زندگیوں میں افراتفری پھیل جائے گی۔ اللہ تعالیٰ کفار کو ان کے حال پر چھوڑ دیتا ہے (نُمۡلِیۡ لَہُمۡ لِیَزۡدَادُوۡۤا اِثۡمًا)لیکن مومنوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑتا (مَا کَانَ اللّٰہُ لِیَذَرَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ)۔ پاک کو ناپاک سے الگ کرنا اللہ تعالیٰ کی سنتوں اور قوانین میں سے ہے (حَتّٰی یَمِیۡزَ الۡخَبِیۡثَ مِنَ الطَّیِّبِ)۔ لوگوں کے ساتھ ان کے ظاہر کی بنیاد پر زندگی گزاری جائے، اگر افراد کے اسرار اور پوشیدہ امور سے آگاہی حاصل ہوجائے تو معاشرے میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر زندگی گزارنا ناممکن ہوجائے گا (وَ مَا کَانَ اللّٰہُ لِیُطۡلِعَکُمۡ عَلَی الۡغَیۡبِ)۔ علم غیب اللہ تعالیٰ کی ذات سے مختص ہے، لیکن اللہ تعالیٰ بعض اولیاء الٰہی کو علم غیب کے ایک حصے سے آگاہ فرماتا ہے (لِیُطۡلِعَکُمۡ)۔ قلبی ایمان ، عمل میں تقویٰ کے ہمراہ ہونا چاہیے (تُؤۡمِنُوۡا وَ تَتَّقُوۡا)۔

آیت ۱۸۰:

حقیقت پسند بنیں اور قیاس آرائیوں سے گریز کریں(لَا یَحۡسَبَنَّ)۔ مال و دولت کے حقیقی مالک تم نہیں تو کنجوسی کیوں؟(اٰتٰہُمُ اللّٰہُ مِنۡ فَضۡلِہٖ)۔ بخل کی بنیادی وجہ خیر اور شر کےمتعلق غلط تجزیہ ہے(وَ لَا یَحۡسَبَنَّ الَّذِیۡنَ یَبۡخَلُوۡنَ ۔۔۔خَیۡرًا لَّہُمۡ ؕ بَلۡ ہُوَ شَرٌّ لَّہُمۡ)۔ انبیاء کے فرائض میں سے ایک انسانی سوچ اور ان کے نظریات کی اصلاح کرنا ہے(لَا یَحۡسَبَنَّ الَّذِیۡنَ یَبۡخَلُوۡنَ ۔۔۔ ہُوَ خَیۡرًا لَّہُمۡ ؕ بَلۡ ہُوَ شَرٌّ لَّہُمۡ)۔ دنیا کی محبت کی وجہ سے برائی انسان کی نگاہ میں اچھی نظر آتی ہے(لَا یَحۡسَبَنَّ ۔۔۔ ہُوَ خَیۡرًا)۔ انسان اپنے مال و دولت میں تصرف کرنے میں بالکل آزاد نہیں ہے(سَیُطَوَّقُوۡنَ مَا بَخِلُوۡا)۔ قیامت، اعمال کے مجسم ہونے کی جگہ ہے (سَیُطَوَّقُوۡنَ مَا بَخِلُوۡا)حدیث میں آیا ہے: ’’جو شخص زکات نہیں دیتا، قیامت کے دن اس کا مال سانپ اور طوق کی شکل میں اس کی گردن میں ڈال دیا جائے گا‘‘۔ دنیا میں مال کا غلام ہونا آخرت میں غلامی کا باعث ہے(سَیُطَوَّقُوۡنَ)۔ اس دنیا میں ہمیں جس چیز سے لگاؤ ہے اور جس چیز میں ہم کنجوسی کرتے ہیں آخرت میں وہی ہمارے عذاب کا سبب ہو گا۔ اللہ تعالیٰ ساری کائنات کا مالک ہے۔ لہذا اس کی طرف سے انفاق کرنے کا حکم ہماری اپنی سعادت کے لیے ہے(وَ لِلّٰہِ مِیۡرَاثُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 181 تا 186
لَّقَدۡ سَمِعَ ٱللَّهُ قَوۡلَ ٱلَّذِينَ قَالُوٓاْ إِنَّ ٱللَّهَ فَقِيرٞ وَنَحۡنُ أَغۡنِيَآءُۘ سَنَكۡتُبُ مَا قَالُواْ وَقَتۡلَهُمُ ٱلۡأَنۢبِيَآءَ بِغَيۡرِ حَقّٖ وَنَقُولُ ذُوقُواْ عَذَابَ ٱلۡحَرِيقِ ١٨١ ذَٰلِكَ بِمَا قَدَّمَتۡ أَيۡدِيكُمۡ وَأَنَّ ٱللَّهَ لَيۡسَ بِظَلَّامٖ لِّلۡعَبِيدِ ١٨٢ ٱلَّذِينَ قَالُوٓاْ إِنَّ ٱللَّهَ عَهِدَ إِلَيۡنَآ أَلَّا نُؤۡمِنَ لِرَسُولٍ حَتَّىٰ يَأۡتِيَنَا بِقُرۡبَانٖ تَأۡكُلُهُ ٱلنَّارُۗ قُلۡ قَدۡ جَآءَكُمۡ رُسُلٞ مِّن قَبۡلِي بِٱلۡبَيِّنَٰتِ وَبِٱلَّذِي قُلۡتُمۡ فَلِمَ قَتَلۡتُمُوهُمۡ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ ١٨٣ فَإِن كَذَّبُوكَ فَقَدۡ كُذِّبَ رُسُلٞ مِّن قَبۡلِكَ جَآءُو بِٱلۡبَيِّنَٰتِ وَٱلزُّبُرِ وَٱلۡكِتَٰبِ ٱلۡمُنِيرِ ١٨٤ كُلُّ نَفۡسٖ ذَآئِقَةُ ٱلۡمَوۡتِۗ وَإِنَّمَا تُوَفَّوۡنَ أُجُورَكُمۡ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِۖ فَمَن زُحۡزِحَ عَنِ ٱلنَّارِ وَأُدۡخِلَ ٱلۡجَنَّةَ فَقَدۡ فَازَۗ وَمَا ٱلۡحَيَوٰةُ ٱلدُّنۡيَآ إِلَّا مَتَٰعُ ٱلۡغُرُورِ ١٨٥ ۞ لَتُبۡلَوُنَّ فِيٓ أَمۡوَٰلِكُمۡ وَأَنفُسِكُمۡ وَلَتَسۡمَعُنَّ مِنَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ مِن قَبۡلِكُمۡ وَمِنَ ٱلَّذِينَ أَشۡرَكُوٓاْ أَذٗى كَثِيرٗاۚ وَإِن تَصۡبِرُواْ وَتَتَّقُواْ فَإِنَّ ذَٰلِكَ مِنۡ عَزۡمِ ٱلۡأُمُورِ ١٨٦
ترجمہ
اللہ نے یقیناً ان کی بات کو سن لیا جنہوں نے یہ کہا کہ اللہ تو فقیر ہے اور ہم مالدار ہیں، جو کچھ انہوں نےکہا اور انبیاء کو ناحق قتل کیا ہم اسے لکھ لیں گے اور ہم ان سے یہ کہیں گے کہ اب تم جلانے والی آگ کا مزہ چکھو۔(۱۸۱) یہ عذاب تمہارے ان اعمال کا نتیجہ ہے جو تم نے آگے بھیجا ہے وگرنہ اللہ تو اپنے بندوں کے بارے ستمگر نہیں ہے۔(۱۸۲) جن لوگوں نے یہ کہا کہ اللہ نے ہم سے عہد لیا ہے کہ ہم کسی پیغمبر پر ایمان نہ لائیں مگر یہ کہ وہ (بطور معجزہ ہمارے لیے) ایک قربانی لے کر آئے کہ (آسمان سے بجلی کی) آگ آکر اسےجلا دے،(اے رسول!) ان سے کہہ دو: بلاشک مجھ سے پہلے پیغمبر روشن دلائل کے ساتھ اور جس کا تم ذکر کرتے ہو وہ بھی لائے، اگر تم سچے ہو تو تم نے انہیں کیوں قتل کیا ؟ (۱۸۳) لہذا اگر انہوں نے آپ کو جھٹلایا ہے تو (یہ کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ) آپ سے پہلے جو پیغمبر معجزات، تحریروں اور کتابوں کے ساتھ آئے ان کو بھی جھٹلایا گیا۔(۱۸۴) ہر جاندار کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے اور قیامت کے دن بلا شک تمہارے اعمال کا اجر و ثواب کو پورا دیا جائے گا، لہذا ہر وہ شخص کامیاب ہے جسے آتش دوزخ سے بچا کر جنت میں داخل کر دیا جائے اور دنیاوی زندگی سوائے دھوکہ کے سامان کے اور کچھ نہیں۔(۱۸۵) یقینی طور پر تم سب لوگ اپنی جانوں اور اپنے اموال کے حوالے سے آزمائے جاؤ گے اور تم ضرور اہل کتاب اور مشرکین سے تکلیف دینے والی باتیں کثرت سے سنو گے اور اگر تم اس پر صبر کرو اور تقویٰ اختیار کرو تو (یہ تمہارے لیے بہت اچھا ہے کیونکہ) ایسی استقامت بڑے امور اور پختہ عزم و ارادہ سے ہے۔(۱۸۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیات ۱۸۱۔۱۸۲:

احادیث میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے بنی قینقاع کے یہودیوں کو خط لکھا اور انہیں ایمان لانے، زکات دینے، نماز پڑھنے اور انفاق کرنے کی دعوت دی۔ جب آپ کا خط ان کے علما کے پاس پہنچا تو جس کے ہاتھ میں خط دیا گیا اس عالم نے طنر کرتے ہوئے حاضرین سے کہا: اس خط سے معلوم ہوا کہ اللہ فقیر ہے اور ہم مالدار ہیں کیونکہ وہ ہم سے قرض مانگ رہا ہے اور اس پر سود اور اضافہ دے گا۔ رسول اللہﷺکے زمانے کے یہودی اپنے آباء و اجداد کے انبیاء کو قتل کرنے کے فعل پر راضی تھے اس لیے اللہ تعالیٰ نے ا س قتل کی نسبت اس دور کے یہودیوں کی طرف بھی دی ہے (قَتۡلَہُمُ الۡاَنۡۢبِیَآءَ)۔ امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: جو لوگ امام کو کچھ مال دے کر یہ خیال کرتے ہیں کہ امام ان کے مال کا محتاج اور فقیر ہے تو وہ ان یہودیوں جیسے ہیں جنہوں نے اللہ تعالیٰ کو فقیر قرار دیا(اِنَّ اللّٰہَ فَقِیۡرٌ)۔ جہالت اور غرور کی کوئی حد نہیں ہے، سرسے پاؤں تک محتاج انسان اس حد تک چلا جاتا ہےکہ وہ اللہ تعالیٰ کے متعلق کہتا ہے کہ وہ فقیر ہے اور اپنے بارے کہتا ہے کہ ہم مالدار ہیں (اِنَّ اللّٰہَ فَقِیۡرٌ وَّ نَحۡنُ اَغۡنِیَآءُ)۔ مالدار ہونے کا احساس اور خود کو بے نیاز سمجھنا الٰہی فرامین سے انحراف اور دستورات الٰہی کی نافرمانی کا سبب بنتا ہے، ایسے افراد دستورات الٰہی پر طنر کرتے ہوئے کہتے ہیں (نَحۡنُ اَغۡنِیَآءُ)۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ الٰہی دستورات کی بنیاد اللہ تعالیٰ کا محتاج اور نیازمند ہونا ہے، اسی لیے وہ کہتے ہیں (اِنَّ اللّٰہَ فَقِیۡرٌ)۔ انسان کی ساری گفتگو اور اس کے تمام اعمال لکھے جارہے ہوتے ہیں (سَنَکۡتُبُ مَا قَالُوۡا وَ قَتۡلَہُمُ)۔ کسی بھی شخص کی گفتار اور اس کے کردار کو پرکھنے کا معیار حق ہے، چونکہ انبیاء کا قتل ناحق ہے اس لیے اس پر سزا ہے(قَتۡلَہُمُ الۡاَنۡۢبِیَآءَ بِغَیۡرِ حَقٍّ)۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی جانے والی سزا اور جزا عدل و انصاف کے تحت اور انسان کے ان اعمال کا نتیجہ ہے جنہیں وہ اپنے ارادے اور اختیار سے انجام دیتا ہے،انسان کو ملنے والی جزا اور سزا خود اس کے اپنے ہاتھ کی کمائی ہے(ذٰلِکَ بِمَا قَدَّمَتۡ اَیۡدِیۡکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی جانے والی سزائیں انسان پر اللہ تعالیٰ کا ظلم نہیں بلکہ خود انسان کا اپنے اوپر ظلم ہے (اَنَّ اللّٰہَ لَیۡسَ بِظَلَّامٍ لِّلۡعَبِیۡدِ)۔

آیت ۱۸۳:

کچھ افراد اسلام قبول نہ کرنے کے لیے یہ بہانہ بناتے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے ہم سے یہ عہد و پیمان لے رکھا ہے کہ ہم اس وقت تک کسی پیغمبر پر ایمان نہ لائیں جب تک وہ ایک حیوان کی قربانی نہ کردیں اور اس قربانی کو آسمانی بجلی لوگوں کے سامنے جلا نہ دے تاکہ ہم اس کے پیغمبر ہونے پر یقین کر لیں۔ ان کے جواب میں یہ آیت نازل ہوئی تاکہ ان ہٹ دھرم اور ضدی افراد کو جواب دیا جائے۔ ان سے کہا گیا کہ اگر تم سچ کہہ رہے ہو تو پھر سابقہ انبیاء جو تمہارے سامنے بہت سارے روشن معجزات اور دلائل کے ساتھ آئے اور تمہاری خواہش کے مطابق معجزات لائے تم ان پر ایمان کیوں نہ لائے اور ان کو ناحق قتل کرتے رہے؟ امام جعفر صادق علیہ السلام نے اس آیت کی تلاوت کے بعد فرمایا: رسول اللہﷺکے زمانے کے یہودیوں اور انبیاء کو قتل کرنے والے یہودیوں کے درمیان پانچ سو سال کا فاصلہ تھا لیکن اس دور کے یہودی انبیاء کو قتل کرنے والے یہودیوں کے عمل پر راضی تھے اس لیے اللہ تعالیٰ نے ماضی کے یہودیوں کے قتل کے عمل کی نسبت رسول اللہﷺ کے زمانہ کے یہودیوں کی طرف دی ہے۔ تورات کتاب اول باب ۱۸، جملہ ۳۔۴ میں بنی اسرائیل کے انبیاء کی شہادت کا ماجرا درج ہے کہ یہودی اپنے انبیاء کو قتل کرتے تھے۔ اسی طرح سفر لاویان باب ۹ جملہ ۲ میں مینڈھے کی قربانی کا تذکرہ ہے۔ بعض لوگ حق کا انکار کرنے کے لیے مذہبی عناوین کا غلط استعمال کرتے ہیں (اِنَّ اللّٰہَ عَہِدَ اِلَیۡنَاۤ اَلَّا نُؤۡمِنَ) یہ بات سادہ لوح افراد کو دھوکہ دینا ہے۔ یہودی حضرت موسیٰ علیہ السلام کو آخری پیغمبر قرار نہیں دیتے تھے بلکہ وہ کہتے تھے کہ اللہ تعالیٰ کا ہم سے یہ عہد و پیمان ہے کہ بعد والے پیغمبر ان خصوصیات کے مالک ہوں تو ان پر ایمان لانا (عَہِدَ اِلَیۡنَاۤ ۔۔۔ یَاۡتِیَنَا بِقُرۡبَانٍ)۔ مغرور آدمی اللہ تعالیٰ پر تہمت لگانے سے بھی گریز نہیں کرتا (اِنَّ اللّٰہَ عَہِدَ اِلَیۡنَاۤ) اور کسی پیغمبر کو بھی قبول نہیں کرتا (اَلَّا نُؤۡمِنَ لِرَسُوۡلٍ) اور یہ توقع رکھتا ہے کہ پیغمبر ان کی مرضی کے مطابق معجزات لائیں (حَتّٰی یَاۡتِیَنَا بِقُرۡبَانٍ)۔ حیوان کی قربانی قدیم زمانے سے رائج ہے (۔۔۔بِقُرۡبَانٍ)۔ ہر جماعت اور ہر ملت کی پچھلی خصوصیات ان کی سچائی اور جھوٹ کو جاننے کا بہترین وسیلہ ہیں (جَآءَکُمۡ ۔۔۔ بِالۡبَیِّنٰتِ وَ بِالَّذِیۡ قُلۡتُمۡ)۔ پیغمبراکرمﷺ کے استدلال کا انداز اور طریقہ اللہ تعالیٰ کی تعلیم کے مطابق تھا (قُلۡ قَدۡ جَآءَکُمۡ)۔ بعض دفعہ ایک بات کی حقانیت کو ثابت کرنے یا زیادہ اہمیت کی حامل مصلحت کو ثابت کرنے کے لیے اموال کی قربانی دی جاتی ہے (قَدۡ جَآءَکُمۡ رُسُلٌ۔۔۔بِالَّذِیۡ قُلۡتُمۡ)۔ اپنے بڑوں کے گناہوں اور ان کے غلط کاموں پر راضی ہونا ان کے جرم میں شریک ہونے کا سبب ہے (فَلِمَ قَتَلۡتُمُوۡہُمۡ)۔

آیت ۱۸۴:

گزرے ہوئے لوگوں اور گذشتہ اقوام کی تاریخ سے آگاہی انسان کے اندر صبر و استقامت کی کیفیت کو بڑھانے کا سبب ہے (فَاِنۡ کَذَّبُوۡکَ فَقَدۡ کُذِّبَ رُسُلٌ مِّنۡ قَبۡلِکَ)۔ انسانی تاریخ میں انبیاء کی تحریک ایک ثقافتی اور نظریاتی تحریک تھی جس کی بنیاد عقیدہ تھا (بِالۡبَیِّنٰتِ وَ الزُّبُرِ وَ الۡکِتٰبِ الۡمُنِیۡرِ)۔ پیغمبروں کے معجزات مختلف اقسام کے تھے لیکن سب ادیان کے بنیادی اصول ایک ہی تھے۔ (الۡبَیِّنٰاتِ) جمع آیا ہے لیکن (الۡکِتٰابِ) کو مفرد لایا گیا ہے۔

آیت ۱۸۵:

یہ آیت پیغمبر اکرمﷺ اور آپ کے پیروکاروں کو حوصلہ دیتی ہے کہ آپ صبر و استقامت کریں کیونکہ آپ سے پہلے جو انبیاء گزرے ہیں جو معاشرے میں اصلاح کرنے والے تھے ان کو بھی اذیتیں دی گئیں۔ کہا گیا کہ سب نے مرجانا ہے اور یہ ہٹ دھرمی اور ضد بازی سب عارضی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان مشکلات اور مصائب کا بدلہ بغیر کمی بیشی کے دے گا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے(کُلُّ نَفۡسٍ ذَآئِقَۃُ الۡمَوۡتِ) کے متعلق فرمایا:تمام زمین میں رہنے والے اور تمام آسمانوں میں رہنے والے مرجائیں گے، فقط ملک الموت، حاملان عرش، جبرائیل اور میکائیل باقی رہیں گے۔ پھر ملک الموت کو حکم ہوگا کہ اپنے علاوہ دوسروں کی ارواح کو قبض کر لو، پھر ملک الموت تنہا باقی رہ جائے گا اس کے بعد ملک الموت کو اللہ تعالیٰ کا خطاب آئے گا کہ تم بھی مرجاؤ تو ملک الموت بھی مرجائے گا۔ موت یقینی ہے تو پھر یہ سب ہٹ دھرمی اور ضد بازی کیوں اور کس لیے؟ (کَذَّبُوۡکَ ۔۔۔ کُلُّ نَفۡسٍ ذَآئِقَۃُ الۡمَوۡتِ)۔ موت فنا اور خاتمہ نہیں بلکہ ایک وجودی امر ہے،ایک حالت سے دوسری حالت میں منتقل ہونا اور دنیا سے آخرت کی طرف جانا ہے (ذَآئِقَۃُ الۡمَوۡتِ)۔ گناہ اور دوزخ کی طرف لے جانے والے عوامل میں کشش ہے کہ مومن کو چاہیے کہ وہ اپنے ایمان کی طاقت سے اپنے آپ کو ان عوامل اور اسباب سے بچانے کی کوشش کرے (زُحۡزِحَ عَنِ النَّارِ)۔ آخرت میں پوری جزا ملنی ہے، دنیاوی معاوضے بے قدر، بے حیثیت اور ادھورے ہیں (تُوَفَّوۡنَ اُجُوۡرَکُمۡ یَوۡمَ الۡقِیٰمَۃِ ۔۔۔ وَ مَا الۡحَیٰوۃُ الدُّنۡیَاۤ اِلَّا مَتَاعُ الۡغُرُوۡرِ)۔

آیت ۱۸۶:

جس وقت مسلمانوں نے مکہ سے مدینہ کی جانب ہجرت کی تو مشرکین نے ان کے اموال پر قبضہ کر لیا اور جس مسلمان تک ان کا ہاتھ نہ پہنچتا وہ اسے اذیت پہنچاتے اور تکلیف دیتے۔ دوسری طرف مدینہ میں جو یہودی موجود تھے وہ بھی زبان کے زہر آگین تیر ان پر چلاتے تھے اس حد تک کہ کچھ اوباش قسم کے افراد پوری بے شرمی سے مسلمانوں کی عورتوں اور لڑکیوں کے لیے غزل سرائی کرکے انہیں تکلیف دیتے اور ذہنی اذیت پہنچاتے اور ان پر آوازیں کستے تھے۔ ان کا سرغنہ کعب بن اشرف تھا۔ رسول اللہﷺ نے اس کے قتل کا حکم صادر کردیا تھا۔ اس آیت میں مسلمانوں کو تسلی دی گئی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ان کی اذیتوں اور تکالیف پر صبر کریں، اپنے عقیدے پر کاربند رہیں اور استقامت دکھائیں، صبر و تقویٰ اپنائیں، اس طرح ان کے ایمان میں پختگی آئے گی۔ امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: زکات ادا کرنا اموال میں آزمائش ہے جسے اس آیت میں بیان کیا گیا ہے۔ امتحان و آزمائش اللہ تعالیٰ کی دائمی سنت اور قانون ہے، ہمیں چاہیے کہ خود کو اس کے لیے تیار رکھیں (لَتُبۡلَوُنَّ)۔ موت کی یاد اور دنیا کے فانی ہونے کا عقیدہ انسان کے لیے مسائل اور مشکلات کو آسان کردیتا ہے(کُلُّ نَفۡسٍ ذَآئِقَۃُ الۡمَوۡتِ۔۔۔ لَتُبۡلَوُنَّ فِیۡۤ اَمۡوَالِکُمۡ)۔ انسان کا مال اور اس کی جان آزمائش کے وسائل ہیں (ا َمۡوَالِکُمۡ وَ اَنۡفُسِکُمۡ)۔ جان و مال کے خطرے کو قبول کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے آپ کو لوگوں کے طعنوں اور تحقیر کے لیے آمادہ رکھنا چاہیے (وَ لَتَسۡمَعُنَّ۔۔۔)۔ لوگوں کی طرف سے توہین، گالیاں سننا اور دشمن کے آزار و اذیت حقیقی ایمان کی آزمائش کے وسائل ہیں ( لَتُبۡلَوُنَّ۔۔۔ وَ لَتَسۡمَعُنَّ ۔۔۔اَذًی کَثِیۡرًا)۔ مقدس اہداف کو حاصل کرنے کےلیے ضروری ہے کہ ہر طرح کی سختیوں اور مالی اور جانی نقصانات کو برداشت کیا جائے اور حیثیت اور مقام و منصب کی قربانی دی جائے (ا َمۡوَالِکُمۡ وَ اَنۡفُسِکُمۡ ۟ وَ لَتَسۡمَعُنَّ ۔۔۔اَذًی کَثِیۡرًا)۔ مخالفین مسلمانوں کو نقصان دینے کے لیے مشترکہ ہدف رکھتے ہیں اور بعض دفعہ ایک جیسے شیوہ اور طریقے استعمال کرتے ہیں ( لَتَسۡمَعُنَّ مِنَ الَّذِیۡنَ اُوۡتُوا الۡکِتٰبَ۔۔۔وَ مِنَ الَّذِیۡنَ اَشۡرَکُوۡۤا)۔ صبر اور تقویٰ دونوں ساتھ ہوں تو کامیابی کی ضمانت ہے، کیونکہ بعض دفعہ تقویٰ کے بغیر استقامت ضدی اور ہٹ دھرم افراد میں بھی ہوتی ہے (تَصۡبِرُوۡا وَ تَتَّقُوۡا)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 187 تا 194
وَإِذۡ أَخَذَ ٱللَّهُ مِيثَٰقَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ لَتُبَيِّنُنَّهُۥ لِلنَّاسِ وَلَا تَكۡتُمُونَهُۥ فَنَبَذُوهُ وَرَآءَ ظُهُورِهِمۡ وَٱشۡتَرَوۡاْ بِهِۦ ثَمَنٗا قَلِيلٗاۖ فَبِئۡسَ مَا يَشۡتَرُونَ ١٨٧ لَا تَحۡسَبَنَّ ٱلَّذِينَ يَفۡرَحُونَ بِمَآ أَتَواْ وَّيُحِبُّونَ أَن يُحۡمَدُواْ بِمَا لَمۡ يَفۡعَلُواْ فَلَا تَحۡسَبَنَّهُم بِمَفَازَةٖ مِّنَ ٱلۡعَذَابِۖ وَلَهُمۡ عَذَابٌ أَلِيمٞ ١٨٨ وَلِلَّهِ مُلۡكُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِۗ وَٱللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٌ ١٨٩ إِنَّ فِي خَلۡقِ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ وَٱخۡتِلَٰفِ ٱلَّيۡلِ وَٱلنَّهَارِ لَأٓيَٰتٖ لِّأُوْلِي ٱلۡأَلۡبَٰبِ ١٩٠ ٱلَّذِينَ يَذۡكُرُونَ ٱللَّهَ قِيَٰمٗا وَقُعُودٗا وَعَلَىٰ جُنُوبِهِمۡ وَيَتَفَكَّرُونَ فِي خَلۡقِ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ رَبَّنَا مَا خَلَقۡتَ هَٰذَا بَٰطِلٗا سُبۡحَٰنَكَ فَقِنَا عَذَابَ ٱلنَّارِ ١٩١ رَبَّنَآ إِنَّكَ مَن تُدۡخِلِ ٱلنَّارَ فَقَدۡ أَخۡزَيۡتَهُۥۖ وَمَا لِلظَّٰلِمِينَ مِنۡ أَنصَارٖ ١٩٢ رَّبَّنَآ إِنَّنَا سَمِعۡنَا مُنَادِيٗا يُنَادِي لِلۡإِيمَٰنِ أَنۡ ءَامِنُواْ بِرَبِّكُمۡ فَـَٔامَنَّاۚ رَبَّنَا فَٱغۡفِرۡ لَنَا ذُنُوبَنَا وَكَفِّرۡ عَنَّا سَيِّـَٔاتِنَا وَتَوَفَّنَا مَعَ ٱلۡأَبۡرَارِ ١٩٣ رَبَّنَا وَءَاتِنَا مَا وَعَدتَّنَا عَلَىٰ رُسُلِكَ وَلَا تُخۡزِنَا يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِۖ إِنَّكَ لَا تُخۡلِفُ ٱلۡمِيعَادَ ١٩٤
ترجمہ
اور جب اللہ نے ان لوگوں سے عہد لیا جنہیں کتاب دی گئی تھی کہ تم ہر صورت اسے لوگوں کے لیے بیان کرو اور اس کو نہ چھپاؤ لیکن انہوں نے اس عہد کو پس پشت ڈال دیا اور اسے معمولی قیمت کے بدلے بیچ ڈالا ، انہوں نے کتنا ہی برا معاملہ انجام دیا۔(۱۸۷) وہ لوگ جو اپنے برے اعمال پر خوش ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں جو کام انہوں نے انجام نہیں دئے ان پر ان کی تعریف کی جائے، ان کے بارے یہ خیال مت کرو کہ وہ اللہ کے عذاب سے بچ جائیں گے، ان کے لئے دردناک عذاب ہے۔(۱۸۸) آسمانوں اور زمین کی فرمان روائی اللہ کے لیے مخصوص ہے اور اللہ تو ہر کام پر قادر ہے۔(۱۸۹) بتحقیق آسمانوں اور زمین میں اور شب و روز کے پے درپے آنے میں عقلمندوں کے لیے نشانیاں ہیں۔(۱۹۰) جو لوگ اٹھتے بیٹھتے اور اپنی کروٹوں پر لیٹتے ہر حال میں اللہ کو یاد کرتے ہیں اور وہ آسمانوں اور زمین کی خلقت بارے غور و فکر کرتے (اور کہتے) ہیں: اے ہمارے رب! تو نے اس کائنات کو باطل اور بے مقصد خلق نہیں کیا، (اے اللہ!) تو (بے ہودہ کام انجام دینے سے)پاک و منزہ ہے لہذا ہمیں عذاب کی آگ سے بچا لے۔(۱۹۱) اے ہمارے رب! جسے تو دوزخ میں پھینکے گا بلاشک تو نے اسے خوار و ذلیل کیا ہے اور ستمگروں کے لیے کوئی یاور و مددگار نہیں ہے۔(۱۹۲) اے ہمارے رب! ہم نے ایمان کی آواز دینے والے کی ندا کو سن لیا ہے کہ جو یہ ندا دے رہا تھا: اپنے رب پر ایمان لے آؤ، تو ہم ایمان لے آئے ہیں، اے ہمارے رب! تو ہمارے گناہوں کو معاف کردے اور ہماری برائیوں پر پردہ ڈال دے اور نیک لوگوں کے ساتھ ہمارا خاتمہ فرما۔(۱۹۳) اے ہمارے رب!اپنے پیغمبروں کے وسیلہ سے تو نے ہمیں جو وعدہ دیا ہے وہ ہمیں مرحمت فرما دے اور ہمیں قیامت کے دن رسوا نہ کرنا کہ یقینی بات ہے کہ تو اپنے وعدہ کے خلاف نہیں کرتا۔(۱۹۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۸۷۔۱۸۸:

امام محمد باقر علیہ السلام نے اس آیت کے بارے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے اہل کتاب سے یہ عہد لیا تھا کہ جو کچھ تورات اور انجیل میں حضرت محمدﷺ کے متعلق بیان ہوا ہے اسے لوگوں کے لیے بیان کرو اور اس کو مت چھپاؤ۔ اگر دنیا میں کروڑوں یہودی، عیسائی اور زردشتی ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے علماء نے انہیں حقائق سے آگاہ نہیں کیا اور نہ ہی وہ کچھ انہیں بتایا جو ان کی کتابوں میں آخری پیغمبر حضرت محمدﷺ کے متعلق موجود ہے۔ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کی ہدایت کے لیے علماء سے خاص عہد و پیمان لیا ہے (اَخَذَ اللّٰہُ مِیۡثَاقَ الَّذِیۡنَ اُوۡتُوا الۡکِتٰبَ لَتُبَیِّنُنَّہٗ لِلنَّاسِ)۔ علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ آسمانی کتاب بارے لوگوں کو آگاہ کریں (لَتُبَیِّنُنَّہٗ لِلنَّاسِ)۔ اہل کتاب علماء نے مال و منصب یا اپنی جان بچانے کے لیے یا مقام و منصب کی حفاظت کے لیے حق کو بیان نہ کیا اور خاموشی اختیار کرلی اور قلیل قیمت پر اس کا معاملہ کیا (وَ اشۡتَرَوۡا بِہٖ ثَمَنًا قَلِیۡلًا)۔ نجات پانے کے لیے صرف علم کافی نہیں بلکہ علم کے ساتھ دنیا سے بے رغبت ہونا بھی ضروری ہے (اُوۡتُوا الۡکِتٰبَ ۔۔۔اشۡتَرَوۡا بِہٖ ثَمَنًا قَلِیۡلًا)۔ دین پر عمل کرنا اور دینی دستورات کا پاس رکھنا بہت بڑی قدر کی بات ہے، اگر عہدہ مل جائے، مال و متاع مل جائے اور اس کے عوض دین جاتا رہے تو یہ شکست اور ناکامی ہے (ثَمَنًا قَلِیۡلًا ؕ فَبِئۡسَ مَا یَشۡتَرُوۡنَ)۔ لوگوں کے تین گروہ ہیں: ۱۔ایک گروہ وہ ہے جو کام کرتے ہیں اور لوگوں سے ان کاموں کے بدلے میں قدردانی اور تشکر نہیں چاہتے (لَا نُرِیۡدُ مِنۡکُمۡ جَزَآءً وَّ لَا شُکُوۡرًا )’’انسان، ۹‘‘۔ ۲۔دوسرا گروہ وہ ہے جو اس لیے کام کرتے ہیں تاکہ لوگ ان کے کام بارے آگاہ ہوں اور ان کی تعریف کریں (رِئَآءَ النَّاسِ)’’نساء ۳۸‘‘۔ ۳۔ تیسرا گروہ وہ ہے جو کچھ انجام دئے بغیر یہ چاہتے ہیں کہ ان کی تعریف کی جائے (یُحۡمَدُوۡا بِمَا لَمۡ یَفۡعَلُوۡا)۔ اخلاقی رزائل ’’بری اخلاقی صفات‘‘ جیسے خود پسندی، غرور، چاپلوسی اور لوگوں سے خوشامد کی توقع رکھنا یہ سب ہلاکت کا سبب ہیں(یَفۡرَحُوۡنَ۔۔۔یُحِبُّوۡنَ۔۔۔فَلَا تَحۡسَبَنَّہُمۡ بِمَفَازَۃٍ)اسلام میں ہر قسم کی چاپلوسی اور خوشامد ممنوع ہے۔ قرآنی نقطہ نظر سے ہر بے جا تعریف و تمجید مذموم اور ناپسندیدہ عمل ہے(لَا تَحۡسَبَنَّ۔۔۔فَلَا تَحۡسَبَنَّہُمۡ)، جو آیات (لَا تَحۡسَبَنَّ،لَا یَحۡسَبَنَّ، اَفَحَسِبْتُم)سے شروع ہوتی ہیں ان میں اس مطلب کی طرف اشارہ ہے۔ اللہ تعالیٰ انسانوں کے فقط اعمال اور کردار کو نہیں لکھتا بلکہ ان کے اعمال و کردار کے ساتھ ساتھ ان کے خیر و شر چاہنے کا بھی حساب کتاب رکھتا ہے (یُحِبُّوۡنَ اَنۡ یُّحۡمَدُوۡا۔۔۔لَہُمۡ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ)۔سورہ نور کی آیت ۱۹ میں ہے کہ جو لوگ چاہتے ہیں کہ معاشرہ میں برائی پھیل جائے اور فحاشی پھیلانے والوں کو پسند کرتے ہیں ان کے لیے دردناک عذاب ہے (یُحِبُّوۡنَ اَنۡ تَشِیْعَ الفَاحِشَۃُ۔۔۔ لَہُمۡ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ)۔ ممکن ہے گنہگار شخص پشیمان ہو اور توبہ کرے اور نجات پاجائے لیکن مغرور افراد توبہ کہ طرف آتے ہی نہیں اس لیے ان کے لیے نجات کی امید نہیں (فَلَا تَحۡسَبَنَّہُمۡ بِمَفَازَۃٍ مِّنَ الۡعَذَابِ)۔

آیت ۱۸۹:

اللہ تعالیٰ کی حکومت حقیقی ہے، اعتباری نہیں کیونکہ ہر چیز کی بقاء اور اس کا وجود اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے اور یہ دائمی اختیار اللہ تعالیٰ ہی کے لیے ہے جبکہ انسان کی بنائی ہوئی حکومت عارضی اور وقتی ہے (وَ لِلّٰہِ مُلۡکُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ)۔ بہت سارے افراد ایسے ہیں جن کے ہاتھ میں حکومت ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنی خواہشات کو عملی جامہ نہیں پہنا سکتے لیکن اللہ تعالیٰ ایسا حکمران ہے جو ہر بات پر قادر ہے (مُلۡکُ السَّمٰوٰت۔۔۔عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ)۔

آیت ۱۹۰:

عائشہ سے رسول اللہﷺ کی بہترین یادداشت بارے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا:ایک رات رسول اللہﷺ میرے گھر پر آرام فرما رہے تھے۔ ابھی سوئے نہ تھے کہ آپ اٹھ کھڑے ہوئے، وضو کیا اور نماز پڑھنے لگے اور اس قدر روئے کہ آپ کا لباس آنسوؤ ں سے تر ہوگیا۔ صبح کے وقت جب بلال آیا تو اس نے گریہ کا سبب پوچھا تو آپ نے فرمایا: کل رات میرے اوپر کچھ آیات نازل ہوئیں اور اس کے بعد سورہ آل عمران کی آیت ۱۹۰ سے ۱۹۴ تک پڑھا اور فرمایا کہ اس پر افسوس ہے جو ان آیات کو پڑھے اور پھر غور و فکر نہ کرے۔ احادیث میں ان آیات کو تلاوت کرنے کے بارے تاکید کی گئی ہے۔ امام علی علیہ السلام کے خاص صحابی نوف بکالی سے یہ بات نقل ہوئی ہے کہ ایک رات میں امام علیہ السلام کی خدمت میں موجود تھا، آپ بستر سے اٹھے اور ان آیات کی تلاوت فرمائی۔ پھر مجھ سے پوچھا: سو رہے ہو یا جاگ رہے ہو؟ میں نے عرض کیا: جاگ رہا ہوں۔ فرمایا: خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اپنے آپ کو زمین کی آلودگیوں سے آلودہ نہیں کرتے اور آسمانوں کی سیر کرتے ہیں۔ ہستی شناسی ’’کائنات کی شناخت‘‘ خدا شناسی کا مقدمہ ہے، قرآن مجید لوگوں کو آفرینش میں غور و فکر کرنے کی ترغیب دیتا ہے (اِنَّ فِیۡ خَلۡقِ ۔۔۔ لَاٰیٰتٍ لِّاُولِی الۡاَلۡبَابِ)۔ برگہ درختان سبز در نظر ہوشیار ہر ورقش دفتری است معرفت کردگار ’’ہرے بھرے درختوں کا ہر پتا عقلمندوں کی نظر میں خالق کی معرفت کی کتاب ہے‘‘ آفرینش اور خلقت میں ایسے راز اور ظرافتیں ہیں جن کو فقط عقلمند ہی سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں (لَاٰیٰتٍ لِّاُولِی الۡاَلۡبَابِ)۔

آیت ۱۹۱:

امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: جو صحیح و سالم ہوں وہ کھڑے ہو کر نماز پڑھیں، جو مریض ہیں وہ بیٹھ کر نماز پڑھیں اور جو معذور ہیں وہ لیٹ کر نماز پڑھیں۔ عقلمند ہونے کی نشانی یہ ہے کہ انسان ہر وقت اللہ تعالیٰ کی یاد میں رہے (لِاُولِی الۡاَلۡبَابِ،الَّذِیۡنَ یَذۡکُرُوۡنَ اللّٰہَ قِیٰمًا وَّ قُعُوۡدًا وَّ عَلٰی جُنُوۡبِہِمۡ)۔ جو اہل ذکر ہیں انہیں اہل فکر بھی ہونا چاہیے (یَذۡکُرُوۡنَ۔۔۔ یَتَفَکَّرُوۡنَ)۔ ایسا ایمان قابل قدر ہے جس کی بنیاد سوچ و فکر ہو (وَ یَتَفَکَّرُوۡنَ فِیۡ خَلۡقِ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ۚ رَبَّنَا مَا خَلَقۡتَ ہٰذَا بَاطِلًا)۔ ذکر اور سوچ و فکر ایک دوسرے کے ہمراہ ہوں تو قابل قدر ہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ جو لوگ ذکر کرتے ہیں وہ اہل فکر نہیں ہوتے اور جو اہل فکر ہیں وہ اہل ذکر نہیں ہوتے(یَذۡکُرُوۡنَ۔۔۔ یَتَفَکَّرُوۡنَ)۔ قدرتی مناظر کے بارے حسی معرفت کافی نہیں ہے بلکہ ان کے خالق کے بارے تعقل اور تفکر بھی ضروری ہے(یَتَفَکَّرُوۡنَ فِیۡ خَلۡقِ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ)۔ خلقت و آفرینش بے مقصد و بے ہودہ نہیں، اگرچہ ہم اس کے تمام اسرار اور رازوں کو نہ سمجھ سکیں (مَا خَلَقۡتَ ہٰذَا بَاطِلًا)۔ پہلے تعقل و تفکر اور سوچ، پھر ایمان و عرفان اور آخر میں دعا و مناجات (یَتَفَکَّرُوۡنَ ۔۔۔رَبَّنَا ۔۔۔ فَقِنَا)۔ کائنات بے ہودہ و بے مقصد نہیں لہذا ہمیں بھی چاہیے کہ بے مقصد زندگی نہ گزاریں (مَا خَلَقۡتَ ہٰذَا بَاطِلًا۔۔۔فَقِنَا عَذَابَ النَّارِ)۔ دعا سے پہلے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کریں (سُبۡحٰنَکَ فَقِنَا۔۔۔)۔ عقل کا ثمرہ قیامت کا خوف ہے (لِاُولِی الۡاَلۡبَابِ۔۔۔ فَقِنَا عَذَابَ النَّارِ)۔

آیت ۱۹۲:

قیامت کی آگ بہت سخت ہے لیکن عقلمندوں کے لیے قیامت کی ذلت و رسوائی اس سے زیادہ سخت اور دردناک ہے (مَنۡ تُدۡخِلِ النَّارَ فَقَدۡ اَخۡزَیۡتَہٗ)۔ ظالم اور ستمگر شفاعت سے محروم ہیں (مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ اَنۡصَارٍ)۔

آیت ۱۹۳:

ہوسکتا ہے اس جگہ (ذُنُوۡب) سے گناہان کبیرہ مراد ہوں اور (سَیِّاٰت)سے گناہان صغیرہ مراد ہوں جیسا کہ اس آیت (اِنۡ تَجۡتَنِبُوۡا کَبَآئِرَ مَا تُنۡہَوۡنَ عَنۡہُ نُکَفِّرۡ عَنۡکُمۡ سَیِّاٰتِکُمۡ)’’نسا، ۳۱‘‘ میں (سَیِّاٰت) گناہان کبیرہ کے مد مقابل ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ مذکورہ آیت میں (سَیِّاٰت)سے گناہوں کے اثرات مراد ہوں۔ عقلمند حق اور فطرت کی آواز کو قبول کرنے کے علاوہ انبیاء، علماء اور شہدا کی آواز پر بھی لبیک کہتے ہیں (اِنَّنَا سَمِعۡنَا مُنَادِیًا یُّنَادِیۡ)۔ گناہوں سے استغفار کرنا عقل مندی کی نشانی ہے (لِاُولِی الۡاَلۡبَابِ۔۔۔رَبَّنَاۤ فَاغۡفِرۡ لَنَا)۔ دوسروں کو اپنی دعاؤں میں شامل کریں (فَاغۡفِرۡ لَنَا)۔ پردہ پوشی اور عفو و درگزر ربوبیت اور تربیت کے شؤن سے ہے (رَبَّنَاۤ ۔۔۔کَفِّرۡ عَنَّا)۔ نیک افراد اور ابرار اس مقام پر فائز ہیں کہ عقلمند اس مقام پر پہنچنے کی آرزو کریں گے (لِاُولِی الۡاَلۡبَابِ ۔۔۔ تَوَفَّنَا مَعَ الۡاَبۡرَارِ)۔

آیت ۱۹۴:

سابقہ آیات میں یہ بات بیان ہوئی کہ عقلمند افراد اللہ تعالیٰ اور قیامت پر ایمان رکھتے ہیں، اس آیت میں ہے کہ وہ نبوت پر بھی ایمان رکھتے ہیں (مَا وَعَدۡتَّنَا عَلٰی رُسُلِکَ)۔ عقلمند شخص دنیا میں بھی عزت چاہتا ہے اور آخرت کی عزت بھی چاہتا ہے (اٰتِنَا مَا وَعَدۡتَّنَا عَلٰی رُسُلِکَ)یہ دنیا کے بارے میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا میں نصرت کا وعدہ دیا ہے (اِنَّا لَنَنۡصُرُ رُسُلَنَا) ’’غافر، ۵۱‘‘ اور (وَ لَا تُخۡزِنَا) آخرت کی عزت کے بارے ہے۔ امید اور خوف دونوں ساتھ ساتھ ہوں (اٰتِنَا مَا وَعَدۡتَّنَا۔۔۔وَ لَا تُخۡزِنَا)۔
سورۃ آلِ عمران
کل آیات: 200 | مدنی | پارہ 4
آیت 195 تا 200
فَٱسۡتَجَابَ لَهُمۡ رَبُّهُمۡ أَنِّي لَآ أُضِيعُ عَمَلَ عَٰمِلٖ مِّنكُم مِّن ذَكَرٍ أَوۡ أُنثَىٰۖ بَعۡضُكُم مِّنۢ بَعۡضٖۖ فَٱلَّذِينَ هَاجَرُواْ وَأُخۡرِجُواْ مِن دِيَٰرِهِمۡ وَأُوذُواْ فِي سَبِيلِي وَقَٰتَلُواْ وَقُتِلُواْ لَأُكَفِّرَنَّ عَنۡهُمۡ سَيِّـَٔاتِهِمۡ وَلَأُدۡخِلَنَّهُمۡ جَنَّٰتٖ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُ ثَوَابٗا مِّنۡ عِندِ ٱللَّهِۚ وَٱللَّهُ عِندَهُۥ حُسۡنُ ٱلثَّوَابِ ١٩٥ لَا يَغُرَّنَّكَ تَقَلُّبُ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ فِي ٱلۡبِلَٰدِ ١٩٦ مَتَٰعٞ قَلِيلٞ ثُمَّ مَأۡوَىٰهُمۡ جَهَنَّمُۖ وَبِئۡسَ ٱلۡمِهَادُ ١٩٧ لَٰكِنِ ٱلَّذِينَ ٱتَّقَوۡاْ رَبَّهُمۡ لَهُمۡ جَنَّٰتٞ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُ خَٰلِدِينَ فِيهَا نُزُلٗا مِّنۡ عِندِ ٱللَّهِۗ وَمَا عِندَ ٱللَّهِ خَيۡرٞ لِّلۡأَبۡرَارِ ١٩٨ وَإِنَّ مِنۡ أَهۡلِ ٱلۡكِتَٰبِ لَمَن يُؤۡمِنُ بِٱللَّهِ وَمَآ أُنزِلَ إِلَيۡكُمۡ وَمَآ أُنزِلَ إِلَيۡهِمۡ خَٰشِعِينَ لِلَّهِ لَا يَشۡتَرُونَ بِـَٔايَٰتِ ٱللَّهِ ثَمَنٗا قَلِيلًاۚ أُوْلَٰٓئِكَ لَهُمۡ أَجۡرُهُمۡ عِندَ رَبِّهِمۡۗ إِنَّ ٱللَّهَ سَرِيعُ ٱلۡحِسَابِ ١٩٩ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱصۡبِرُواْ وَصَابِرُواْ وَرَابِطُواْ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ لَعَلَّكُمۡ تُفۡلِحُونَ ٢٠٠
ترجمہ
پھر ان کے رب نے ان کی دعا کو قبول کرلیا (اور فرمایا:) تم میں سے جو کوئی کسی قسم کا عمل انجام دے چاہےمرد ہو یا عورت ہو میں اس کے عمل کو ضائع نہیں کروں گا (کیونکہ میرے نزدیک) تم سب ایک دوسرے کی مانند اور ہم نوع ہو لہذا جن لوگوں نے ہجرت کی اور انہیں ان کے گھروں سے نکالا گیا اور میرے راستہ میں انہوں نے تکلیف اٹھائی اور قتل کئے گئے تو یقینی امر ہے کہ میں ان کے گناہوں کو بخش دوں گا اور انہیں ایسے باغات میں سکونت دوں گا جن کے نیچے سے نہریں جاری ہیں، یہ اجر و ثواب ہے اللہ کی جانب سے اور اچھا اجر و ثواب اللہ کے ہاں ہی ہے۔(۱۹۵) خبردار رہو کہ شہروں میں کافروں کی تجارت کے لیے رفت و آمد تمہیں دھوکہ نہ دے دے۔(۱۹۶) ان کے لیے منفعت بہت ہی معمولی سامان ہے پھر ان کا ابدی ٹھکانہ دوزخ ہے اور دوزخ کتنی بری جگہ ہے۔(۱۹۷) وہ لوگ جو اللہ کی نافرمانی سے بچتے ہیں تو ان کے لیے باغات ہیں کہ ان کے نیچے نہریں جاری ہیں، ان باغات میں وہ ہمیشہ رہیں گے، یہ اللہ کی طرف سے ان کے لیے (پہلی) خاطر تواضع ہے اور جو کچھ اللہ کے ہاں ہے وہ نیک لوگوں کے لیے بہتر ہے۔(۱۹۸) اہل کتاب سے کچھ تو وہ ہیں کہ جو اللہ پر اور جو کچھ تمہارے اوپر نازل ہوا ہے اور جو کچھ خود ان پر نازل ہوا ہے اس پر خشوع و خضوع کے ساتھ ایمان لاتے ہیں اور اللہ کی آیات کو معمولی معاوضہ کے بدلے میں فروخت نہیں کرتے، ان کا اجر و بدلہ اللہ کے پاس موجود ہے، بلاشک اللہ اپنے بندوں کے اعمال کا تیزی سے جائزہ لیتا ہے(اور ان کا اجر دیتا ہے)۔(۱۹۹) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! مشکلات اور مصائب میں صبر کرو اور ایک دوسرے کو صبر کی تلقین کرو اور دشمنوں کے مد مقابل پائیدار اور مضبوط رہو اور سرحدات کی نگہبانی کرو، اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تاکہ تم کامیاب ہوسکو۔(۲۰۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۹۵:

وہ دعا قبول ہوتی ہے جو ذکر الٰہی کے ساتھ(یَذۡکُرُوۡنَ)، فکر(یَتَفَکَّرُوۡنَ) اور اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء (سُبۡحٰانَکَ)کے ہمراہ ہو (فَاسۡتَجَابَ لَہُمۡ رَبُّہُمۡ)۔ دعا کی قبولیت ربوبیت الٰہی کا جلوہ ہے (فَاسۡتَجَابَ لَہُمۡ رَبُّہُمۡ)۔ الٰہی نظریہ میں کسی عمل کا اجر و ثواب ضائع نہیں ہوتا (لَاۤ اُضِیۡعُ عَمَلَ عَامِلٍ)۔ دعا اور عمل و کوشش ایک دوسرے کے ہمراہ ہونا چاہیے (فَاسۡتَجَابَ لَہُمۡ ۔۔۔لَاۤ اُضِیۡعُ عَمَلَ عَامِلٍ)۔ عمل اور عمل کرنے والا دونوں پر اللہ تعالیٰ کی توجہ ہے، حُسن فعلی اور حُسن فاعلی دونوں ضروری ہیں (لَاۤ اُضِیۡعُ عَمَلَ عَامِلٍ)۔ مومنوں کے عمل کا ہی ثواب دیا جاتا ہے، کیونکہ کافروں کے اعمال بے حیثیت ہیں اور ان کے اعمال ضائع ہوجائیں گے (عَمَلَ عَامِلٍ مِّنۡکُمۡ)۔ الٰہی نظریہ میں مرد و عورت کے عمل میں کوئی فرق نہیں اور انسان کے اعلیٰ اور بلند مقام میں دونوں برابر شریک ہیں (مِنۡ ذَکَرٍ اَوۡ اُنۡثٰی)۔ مرد کی جنس عورت سے بہتر نہیں (مِنۡ ذَکَرٍ اَوۡ اُنۡثٰی ۚ بَعۡضُکُمۡ مِّنۡۢ بَعۡضٍ)۔ اسلامی معاشرہ میں تمام افراد ایک ہی جسم کے اعضاء کی مانند ہیں (بَعۡضُکُمۡ مِّنۡۢ بَعۡضٍ)۔ جب تک گناہ نہ مٹیں گے اور عیوب ختم نہ ہوں گے کوئی جنت میں نہ جائے گا (لَاُکَفِّرَنَّ ۔۔۔ لَاُدۡخِلَنَّہُمۡ)۔ ہجرت، جہاد اور شہر سے بدر ہونا اور راہ خدا میں تکالیف برداشت کرنے سے اللہ تعالیٰ کی جانب سے معافی ملنے کی راہ ہموارہوتی ہے (ہَاجَرُوۡا، اُخۡرِجُوۡا مِنۡ دِیَارِہِمۡ وَ ۔۔۔لَاُکَفِّرَنَّ عَنۡہُمۡ۔۔۔)۔ وطن سے تعلق، قرآن کی نگاہ میں تسلیم شدہ حق ہے، کسی سے اس حق کو چھیننا ظلم ہے (اُخۡرِجُوۡا مِنۡ دِیَارِہِمۡ)۔ راہ خدا کو طے کرنے کے لیے ہجرت، جہاد، جنگ میں مارا جانا، شکنجہ، اذیت اور شہادت سب کچھ بھگتنا ہوگا (فِیۡ سَبِیۡلِیۡ)۔ لوگوں کی لغزشوں کی وجہ سے انہیں اپنے سے بالکل دور نہ کرو، اس آیت میں ہے کہ عقلمندوں سے جو لغزشیں سرزد ہوتی ہیں اللہ تعالیٰ ان پر پردہ ڈالتا ہے (لَاُکَفِّرَنَّ)۔ اللہ تعالیٰ کے وعدوں کے پورا ہونے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، ان آیات میں اللہ تعالیٰ کے تمام وعدوں کو حروف تاکید کے ساتھ بیان کیا گیا ہے (اَنِّیۡ ۔۔۔ لَاُکَفِّرَنَّ۔۔۔لَاُدۡخِلَنَّہُمۡ)۔ مغفرت اور بہشت عمومی اجر و ثواب ہے، لیکن وہ ثواب جو اللہ تعالیٰ کا خاص لطف ہے اور مومنین کی شان ہے وہ ثواب بس اللہ تعالیٰ ہی کے پاس ہے، ہم اس ثواب کا ادراک نہیں کر سکتے(وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗ حُسۡنُ الثَّوَابِ)۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملنے والے ثواب کو پوری طرح سے وصف نہیں کرسکتے اور نہ ہی ہم اس بات پر قادر ہیں کہ اس کی توصیف بیان کریں، بس اتنا جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو بھی ثواب ملتا ہے وہ بہتر ہے (وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗ حُسۡنُ الثَّوَابِ)۔

آیات ۱۹۶۔۱۹۷:

مشرکین مکہ اور مدینہ کے یہودی اپنے تجارتی سفروں کی وجہ سے خوشحال زندگی گزار رہے تھے لیکن مسلمان مدینہ کی طرف ہجرت، مکہ میں اپنے مال و اسباب کے ضائع ہونے اور معاشی محاصرہ کی وجہ سے مشکلات کا شکار تھے۔ اس آیت میں ان کو تسلی دی گئی ہے۔ حضرت علی علیہ السلام سے روایت ہے (مَا خَيْرٌ بِخَيْرٍ بَعْدَهُ النَّارُ)وہ اچھائی، اچھائی نہیں جس کے بعد آتش جہنم ہو۔ ضروری ہے کہ انبیاء کو بھی خطرات سے خبردار کیا جائے تاکہ وہ دوسروں سے متاثر نہ ہوں (لَا یَغُرَّنَّکَ)۔ ہوشیار رہیں کہ کہیں دشمن کی طرف سے آنے والے اقتصادی، سیاسی اور فکری وفود آپ کو دھوکہ نہ دیں (لَا یَغُرَّنَّکَ تَقَلُّبُ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا)۔ مادی کامیابیاں جتنی بھی زیادہ اور بڑی ہوں وہ بے حیثیت ہیں (مَتَاعٌ قَلِیۡلٌ)۔ دنیا میں کافروں کی کامیابی ان کی حقانیت کی دلیل نہیں (مَاۡوٰىہُمۡ جَہَنَّمُ)۔

آیت ۱۹۸:

(نُزُل)اس چیز کو کہتے ہیں جو مہمان کی آمد پر اسے پیش کی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس عبارت میں کہا ہے کہ بہشت کے باغات مومنوں کی خاطر تواضع کے لیے پیش کئے جائیں گے۔ اخروی نعمتوں کے مقابلے میں دنیاوی نعمتیں بے حیثیت ہیں (مَتَاعٌ قَلِیۡلٌ ۔۔۔ مَا عِنۡدَ اللّٰہِ خَیۡرٌ)۔ تقویٰ کے ساتھ دنیا کمانے میں کوئی حرج نہیں ہے (لَا یَغُرَّنَّکَ تَقَلُّبُ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا فِی الۡبِلَادِ ۔۔۔ لٰکِنِ الَّذِیۡنَ اتَّقَوۡا)۔ بہشت کی ابدی اور جاودانی نعمتوں کی طرف توجہ دینا تقویٰ اپنانے کا سبب ہے اور اس کی وجہ سے دنیا کی جلد ختم ہونے والی نعمتوں سے انسان کی توجہ ہٹ جاتی ہے (اتَّقَوۡا رَبَّہُمۡ لَہُمۡ جَنّٰتٌ)۔ ابرار کا مقام متقین کے مقام سے بلند تر ہے (اتَّقَوۡا،لَہُمۡ جَنّٰتٌ، مَا عِنۡدَ اللّٰہِ خَیۡرٌ لِّلۡاَبۡرَارِ)۔

آیت ۱۹۹:

یہ آیت اہل کتاب میں سے ان افراد کے بارے میں ہے جو اسلام کی طرف مائل تھے۔ ان میں نجران کے چالیس ، حبشہ کے بتیس اور روم کے آٹھ افراد شامل تھے۔ کچھ مفسرین نے اس آیت کے بارے کہا ہے کہ جس وقت حبشہ کا بادشاہ نویں ہجری میں رجب کے مہینے میں فوت ہوا اور رسول خداﷺکو اس کی خبر ہوگئی تو آپ نے لوگوں سے کہا کہ حجاز سے باہر تمہارے بھائیوں میں سے ایک بھائی فوت ہوگیا ہے۔سب اکھٹے ہوجاؤ تاکہ اس کے لیے نماز پڑھیں۔ مسلمانوں نے پوچھا: وہ کون ہے جس کے لیے نماز پڑھنی ہے؟ آپ نے فرمایا: وہ حبشہ کا بادشاہ نجاشی ہے۔ یہ سن کر مسلمان رسول اللہﷺ کے ہمراہ بقیع کے قبرستان گئے اور وہاں پر نماز پڑھی۔ ہمیشہ انصاف کا لحاظ رکھیں، قرآن مجید نے ان اہل کتاب کی تعریف کی ہے جو نیک ہیں (وَ اِنَّ مِنۡ اَہۡلِ الۡکِتٰبِ لَمَنۡ یُّؤۡمِنُ۔۔۔)۔ ہر مکتب میں اچھے برے افراد ہوتے ہیں، اگر کچھ افراد ایمان نہیں لاتے اور حقائق کو چھپاتے ہیں تو کچھ ایسے ہوتے ہیں جو خشوع کے ساتھ ایمان لے آتے ہیں (وَ اِنَّ مِنۡ اَہۡلِ الۡکِتٰبِ لَمَنۡ یُّؤۡمِنُ)۔ ایسا ایمان اہمیت رکھتا ہے جو خشوع و خضوع کے ساتھ ہو(خٰاشِعِیۡنَ)، جامع ہو (مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡکُمۡ وَ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡہِمۡ) اور پائیدار ہو (لَا یَشۡتَرُوۡنَ بِاٰیٰتِ اللّٰہِ ثَمَنًا قَلِیۡلًا)۔ دین بیچ کر حاصل کیا جانے والا سرمایہ نہایت قلیل اور بے حیثیت ہے (لَا یَشۡتَرُوۡنَ بِاٰیٰتِ اللّٰہِ ثَمَنًا قَلِیۡلًا)۔

آیت ۲۰۰:

اس آیت میں تین قسم کے صبر کی وصیت کی گئی ہے: ذاتی تکالیف اور اذیتوں پر صبر (اصۡبِرُوۡا)۔ کافروں کے دباؤ کے سامنے صبر (صَابِرُوۡا)۔ مسلمانوں کی جغرافیائی، عقیدتی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر صبر (رَابِطُوۡا)۔ (رَابِطُوۡا)رباط سے ہے جو کسی چیز کو دوسری چیز سے باندھنے کے معنی میں ہے۔ کاروانوں کے ٹھہرنے کی جگہ اور وہاں پر گھوڑوں اور اونٹوں کو باندھنا۔ اسی طرح جس کا دل مضبوط ہو اور اللہ تعالٰی کے لطف سے بندھا ہوا ہو اسے رباط کہتے ہیں۔ ارتباط، مربوط، رباط ان سب الفاظ کی ایک ہی بنیاد ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: (اِصْبِرُوا عَلَى الْفَرَائِضِ) واجبات کو انجام دینے میں صبر کرو۔ (صَابِرُوا عَلَى الْمَصَائِبِ) مشکلات میں صبر کرو۔ (رَابِطُوا عَلَى الْأَئِمَّةِ) اپنے امام اور رہبر کے دفاع میں صبر کرو۔ رسول خداﷺنے فرمایا: (اِصْبِرُوا عَلَى الصَّلَوَاتِ الْخَمْسِ وَصَابِرُوا عَلَى قِتَالِ عَدُوِّكُمْ بِالسَّيْفِ وَرَابِطُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ)پانچ وقت کی نمازوں کی پابندی کریں، دشمن کے خلاف جہاد کرنے میں دلچسپی رکھیں اور اپنے رہبروں اور قائدین کا دفاع کریں تاکہ تم کامیاب ہو سکو)۔ جب مسلمان ذاتی اور انفرادی مشکلات کا سامنا صبر سے کریں گے تو پھر دشمنوں کے مقابلے میں صبر کرنا آسان ہوجائے گا، لہذا پہلے (اصۡبِرُوۡا)ہے اور پھر (صَابِرُوۡا)ہے۔ دوسروں کے پیچھے نہ رہو، اگر کافر اپنے کفر پر مضبوطی سے کھڑے ہیں، مارے جاتے ہیں، مال خرچ کرتے ہیں تو تم بھی اپنے نظریہ کے لیے اللہ کی راہ میں ایسا ہی کرو بلکہ ان سے بڑھ کر کام کرو (صَابِرُوۡا)۔ اسلام، ارتباط، تعلق داری اور رابطہ کا دین ہے، عوام سے رابطہ، پیغمبروں سے رابطہ اور اللہ تعالیٰ سے رابطہ (رَابِطُوۡا)۔ صبر، مصابرہ اور مرابطہ تقویٰ اور رضائے الٰہی کے راستہ میں ہو، وگرنہ کافروں میں بھی ایسے حالات و معاملات موجود ہوتے ہیں (صَابِرُوۡا وَ رَابِطُوۡا ۟ وَ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔ صبر، سعادت اور کامیابی کے حصول کا وسیلہ ہے (لَعَلَّکُمۡ تُفۡلِحُوۡنَ)۔
سورۃ النساء
کل آیات: 176 | مدنی | پارہ 4
آیت 1 تا 6
بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
يَٰٓأَيُّهَا ٱلنَّاسُ ٱتَّقُواْ رَبَّكُمُ ٱلَّذِي خَلَقَكُم مِّن نَّفۡسٖ وَٰحِدَةٖ وَخَلَقَ مِنۡهَا زَوۡجَهَا وَبَثَّ مِنۡهُمَا رِجَالٗا كَثِيرٗا وَنِسَآءٗۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ ٱلَّذِي تَسَآءَلُونَ بِهِۦ وَٱلۡأَرۡحَامَۚ إِنَّ ٱللَّهَ كَانَ عَلَيۡكُمۡ رَقِيبٗا ١ وَءَاتُواْ ٱلۡيَتَٰمَىٰٓ أَمۡوَٰلَهُمۡۖ وَلَا تَتَبَدَّلُواْ ٱلۡخَبِيثَ بِٱلطَّيِّبِۖ وَلَا تَأۡكُلُوٓاْ أَمۡوَٰلَهُمۡ إِلَىٰٓ أَمۡوَٰلِكُمۡۚ إِنَّهُۥ كَانَ حُوبٗا كَبِيرٗا ٢ وَإِنۡ خِفۡتُمۡ أَلَّا تُقۡسِطُواْ فِي ٱلۡيَتَٰمَىٰ فَٱنكِحُواْ مَا طَابَ لَكُم مِّنَ ٱلنِّسَآءِ مَثۡنَىٰ وَثُلَٰثَ وَرُبَٰعَۖ فَإِنۡ خِفۡتُمۡ أَلَّا تَعۡدِلُواْ فَوَٰحِدَةً أَوۡ مَا مَلَكَتۡ أَيۡمَٰنُكُمۡۚ ذَٰلِكَ أَدۡنَىٰٓ أَلَّا تَعُولُواْ ٣ وَءَاتُواْ ٱلنِّسَآءَ صَدُقَٰتِهِنَّ نِحۡلَةٗۚ فَإِن طِبۡنَ لَكُمۡ عَن شَيۡءٖ مِّنۡهُ نَفۡسٗا فَكُلُوهُ هَنِيٓـٔٗا مَّرِيٓـٔٗا ٤ وَلَا تُؤۡتُواْ ٱلسُّفَهَآءَ أَمۡوَٰلَكُمُ ٱلَّتِي جَعَلَ ٱللَّهُ لَكُمۡ قِيَٰمٗا وَٱرۡزُقُوهُمۡ فِيهَا وَٱكۡسُوهُمۡ وَقُولُواْ لَهُمۡ قَوۡلٗا مَّعۡرُوفٗا ٥ وَٱبۡتَلُواْ ٱلۡيَتَٰمَىٰ حَتَّىٰٓ إِذَا بَلَغُواْ ٱلنِّكَاحَ فَإِنۡ ءَانَسۡتُم مِّنۡهُمۡ رُشۡدٗا فَٱدۡفَعُوٓاْ إِلَيۡهِمۡ أَمۡوَٰلَهُمۡۖ وَلَا تَأۡكُلُوهَآ إِسۡرَافٗا وَبِدَارًا أَن يَكۡبَرُواْۚ وَمَن كَانَ غَنِيّٗا فَلۡيَسۡتَعۡفِفۡۖ وَمَن كَانَ فَقِيرٗا فَلۡيَأۡكُلۡ بِٱلۡمَعۡرُوفِۚ فَإِذَا دَفَعۡتُمۡ إِلَيۡهِمۡ أَمۡوَٰلَهُمۡ فَأَشۡهِدُواْ عَلَيۡهِمۡۚ وَكَفَىٰ بِٱللَّهِ حَسِيبٗا ٦
ترجمہ
اللہ کے نام سے (شروع کرتا ہوں) جو بڑا مہربان اور بخشنے والا ہے۔
اے لوگو! اپنے رب کا تقویٰ اختیار کرو جس نے تمہیں ایک انسان سے خلق کیا اور اس کی ہمسر کو بھی اسی جنس سے بنایا ہے، ان دو سے بہت سارے مردوں اور عورتوں کو (زمین پر) پھیلا دیا ہے، جس کے نام سے تم ایک دوسرے سے سوال کرتے ہو اسی کا تقویٰ اختیار کرو اور رشتہ داروں (کے بارے میں بھی تقویٰ اختیار کرو) کہ یقیناً اللہ تمہارے اوپر نگہبان ہے۔(۱) یتیموں کے اموال ان کو واپس پلٹا دو، اپنے (ناقص) اموال کو یتیموں کے (سالم) اموال کے ساتھ تبدیل مت کرو، ان کے اموال کو اپنے اموال کے ساتھ ملا کر مت کھاؤ کیونکہ ایسا کرنا بڑا گناہ ہے۔(۲) اگر تمہیں یہ ڈر ہو کہ تم (اپنی ازواج کے درمیان) یتیم (لڑکیوں) کے متعلق انصاف نہ کر پاؤ گے تو ان کی جگہ تم اپنی پسند کی دوسروی عورتوں کے ساتھ نکاح کرو، دو، تین یا چار بیویاں اور اگر تم ڈرتے ہو کہ ان کے درمیان انصاف نہیں کرسکو گے تو ایک بیوی رکھو یا وہ جو تمہاری کنیزی میں ہے، یہ کام ظلم و ستم کو چھوڑنے کے نزدیک ہے۔(۳) عورتوں کے حق مہر کو بطور ہدیہ اور رغبت کے ساتھ انہیں ادا کرو پھر اگر وہ اپنی رغبت اور چاہت سے کچھ تمہیں واپس کردیں اسے خوشگواری سے بغیر کراہت استعمال میں لا سکتے ہو۔(۴) اور تمہارے اموال کہ اللہ نے جنہیں تمہارے استحکام اور زندگی کے امور کو قائم رکھنے کے لیے دئے ہیں انہیں کم عقلوں(بے وقوفوں) کے سپرد مت کرو، جی ہاں! ان سے جو کماؤ تو اس سے ان پر خرچ کرو، انہیں لبا س پہناؤ، ان سے اچھے انداز میں بات کرو۔(۵) یتیموں کو آزماؤ تاکہ جب وہ بلوغ کی حد تک پہنچ جائیں تو اگر ان میں رشد ( صلاحیت) کو موجود پاؤ تو ان کے اموال ان کو واپس پلٹا دو اور اس ڈر سے کہ جب وہ بڑھے ہوجائیں گے اور اس مال کو تم سے واپس لیں گے تم اس مال میں اسراف نہ کرو اور نہ ہی بے جا خرچ کرو اور مالدار (یتیم کی سرپرستی کی) اجرت نہ لے اور مالی طور پر کمزور مناسب مقدار میں ( اجرت ) لے سکتا ہے، پھر جب تم ان کے اموال ان کو واپس پلٹاتے ہو تو اس پر گواہ قرار دو، احتساب کے لیے تو اللہ ہی کافی ہے۔(۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

تعارف سورہ:

سورہ نساء گھرانہ کے مسائل بارے ہے۔اس کا آغاز تقویٰ کی سفارش سے ہوا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ گھرانہ کی بنیاد اور اساس تقویٰ ہے اور گھرانہ کے معاملات میں اس کا لحاظ رکھنا ضروری ہے (یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ اتَّقُوۡا)۔

آیت ۱:

امیرالمومنین علی علیہ السلام نے اس آیت کے بارے فرمایا: صلہ رحمی کرو اگرچہ ایک سلام کرنے سے ہی کیوں نہ ہو۔ انسان کی خلقت اور تربیت دونوں اللہ تعالیٰ کےہاتھ میں ہیں، لہذا تقویٰ اور اطاعت دونوں اللہ تعالیٰ کے لیے ہوں (اتَّقُوۡا رَبَّکُمُ الَّذِیۡ خَلَقَکُمۡ)۔ تمام انسان ایک نوع ہیں، لہذا ہر قسم کی تفریق، زبان، قوم قبیلہ، رنگ و نسل اور علاقائی تقسیم ناروا اور ممنوع ہے (خَلَقَکُمۡ مِّنۡ نَّفۡسٍ وَّاحِدَۃٍ)۔ مرد اور عورت خلقت کے لحاظ سے یکساں اور برابر ہیں، ان میں سے کسی کو اپنی جنس کے لحاظ سے دوسرے پر برتری حاصل نہیں(خَلَقَ مِنۡہَا زَوۡجَہَا)۔ پوری تاریخ میں آنے والے سارے انسان ایک ہی ماں باپ سے ہیں (بَثَّ مِنۡہُمَا رِجَالًا۔۔۔)۔ حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد کے ازدواج بارے روایات موجود ہیں جو قرآن مجید کے بیان سے ہم آہنگ ہیں کہ جن میں ہے کہ انہوں نے ایک دوسرے سے ازدواج کیا۔ تربیتی معاملات میں ایک ہی مطلب اور موضوع کو بار بار دہرانا ایک اصول ہے(اتَّقُوۡا رَبَّکُمُ۔۔۔ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔ گھرانے کے حقوق کا لحاظ رکھنا اور رشتہ داروں سے تعلق داری تقویٰ کا لازمی جزو ہے (اتَّقُوا اللّٰہَ ۔۔۔ وَ الۡاَرۡحَامَ)۔

آیت ۲:

یتیموں کے اموال انہیں واپس لوٹائے جائیں اگرچہ خود یتیموں کو اس بارے معلومات نہ ہوں یا وہ اپنے اموال کی مقدار بھول گئے ہوں (اٰتُوا الۡیَتٰامٰۤی اَمۡوَالَہُمۡ)۔ اسلام محروم اور کمزور طبقات کا حامی ہے (الۡیَتٰامٰۤی)۔ چھوٹے یتیم بچے حق مالکیت رکھتے ہیں (اَمۡوَالَہُمۡ)۔ گناہ صغیرہ بھی ہیں اور کبیرہ بھی ہیں (حُوۡبًا کَبِیۡرًا)۔

آیت ۳:

کچھ افراد ایسے تھے جو یتیم بچیوں کی کفالت اور دیکھ بھال کے لیے انہیں اپنے گھروں میں لے جاتے تھے پھر کم مہریہ دے کر ان سے ازدواج کر لیتے، پھر آسانی سے انہیں طلاق دے دیتے تھے۔ پہلی آیت میں یتیموں کے اموال کا خیال رکھنے کا حکم دیا گیا ہے اور اس آیت میں یتیم بچیوں کے ساتھ ازدواج کرنے میں انصاف کا لحاظ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تعدّد ازدواج کی حکمت کے بارے میں درج ذیل نکات بیان کیے جا سکتے ہیں: الف: جنگوں اور حادثات میں مردوں کے مرنے کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سےعورتیں بیوہ ہو جاتی ہیں۔ ب: بہت کم نوجوان ایسے ہوتے ہیں جو بیواؤں سے شادی کرنے پر راضی ہوتے ہیں۔ ج: تمام غیر شادی شدہ عورتوں میں اتنا تقویٰ نہیں ہوتا کہ وہ خود پر قابو پا سکیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ بیواؤں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مرد کچھ شرائط کے تحت دوسری شادی کر سکتا ہے تاکہ دونوں فریقوں کی مشکلات حل ہوجائیں۔ سوال: اس آیت میں مرد کی جانب سے عورت کے ساتھ انصاف نہ کرسکنے کا مسئلہ شک و تردید کے عنوان سے بیان ہوا ہے (فَاِنۡ خِفۡتُمۡ اَلَّا تَعۡدِلُوۡا) جبکہ اسی سورہ کی آیت ۱۲۹ میں بطور یقین بیان ہوا ہے (لَنۡ تَسۡتَطِیۡعُوۡۤا)تم ’’بیویوں کے درمیان‘‘ انصاف نہیں کرسکتے ہو، ان دو آیات کے مضمون میں جمع کیسے کریں گے؟ جواب: مادی امور جیسے لباس، رہائش، خوراک اور ہمبستری میں تو انصاف کی رعایت ہوسکتی ہے اور ضروری ہے کہ ان امور میں بیویوں کے ساتھ منصفانہ رویہ اپنایا جائے لیکن آیت ۱۲۹ میں جو کہا ہے کہ تم بیویوں کے درمیان انصاف نہیں کرسکتے ہو، وہاں پر دل کی کیفیت اور محبت کے حوالے سے منصفانہ رویہ اپنانے کی بات ہے۔ کیونکہ ایسا کرنا انسان کے اختیار میں نہیں کہ وہ اپنے دل کے تعلق اور قلبی محبت کو برابر تقسیم کرے۔ یہ جواب امام جعفر صادق علیہ السلام کی حدیث میں بیان کیا گیا ہے۔ اسلام محرموں کا حامی ہے، خاص کر یتیموں اور وہ بھی اگر یتیم لڑکیاں ہوں تو ان کے بارے میں خاص تاکید کی گئی ہے۔ بالخصوص ازدواج کے مسئلہ میں کہ اس معاملے میں غلط استفادہ کرنے سے گریز کیا جائے۔ یتیم لڑکیوں سے نکاح ترک کرنے میں ناانصافی کا یقین ہونا ضروری نہیں ہے بلکہ ناانصافی کا امکان اور خوف ہو تو بھی ان سے ازدواج کرنے کو ترک کیا جائے(اِنۡ خِفۡتُمۡ)۔ ہمسر کے انتخاب میں دلی لگاؤ اور رجحان ایک بنیادی اصول ہے (طَابَ لَکُمۡ)۔ اسلام نے خاص شرائط کے تحت مردوں کے لیے ایک سے زیادہ شادیوں کو جائز قرار دیا ہے (فَانۡکِحُوۡا ۔۔۔ مَثۡنٰی وَ ثُلٰثَ وَ رُبٰعَ ۚ فَاِنۡ خِفۡتُمۡ ۔۔۔ فَوَاحِدَۃً)، تعدّد زوجات، محدود تعداد اور سب کے ساتھ انصاف کے ساتھ مشروط ہے۔

آیت ۴:

آیت ۴: (نِحۡلَۃً)نحل سے ہے جو شہد کی مکھی کے معنی میں ہے۔ شہد کی مکھی لوگوں کے لیے شہد مہیا کرتی ہے۔ وہ اس کے عوض لوگوں سے کسی قسم کی توقع نہیں رکھتی۔ اسی لیے ہدیہ اور تحفہ کو نحلہ کہا جاتا ہے۔ البتہ کچھ مفسرین نے نحلہ کو ’’دَین‘‘ قرضہ کے معنی میں لیا ہے۔ یعنی حق مہر مرد کے ذمہ ایک حتمی قرض ہے جو اسے ہر صورت دینا ہوتا ہے۔ حدیث میں ہے کہ اپنے بہترین اموال کو تین کاموں میں لگاؤ:۱۔حق مہر، ۲۔حج، ۳۔کفن۔ چونکہ زمانہ جاہلیت اور کچھ اقوام میں ایسا ہوتا تھا کہ حق مہر کو باپ وصول کرلیتا تھا یا عورت کے رشتہ دار وصول کرلیتے تھے، اس لیے اللہ تعالیٰ نے پہلے حق مہر لینے والے کا نام لیا ہے (وَ اٰتُوا النِّسَآءَ)کہ حق مہر خود عورتوں کو دو۔ حق مہر، عورت کا حق ہے اور اسے ادا کرنا لازمی ہے (وَ اٰتُوا النِّسَآءَ۔۔۔)۔ حق مہر، عورت کی قیمت نہیں بلکہ عورت کے ساتھ مرد کی دوستی اور تعلق کی نشانی ہے (صَدُقٰتِہِنَّ)۔ حق مہر، عورت کی قیمت نہیں بلکہ مرد کی جانب سے عورت کے لیے ہدیہ اور تحفہ ہے (نِحۡلَۃً)۔ عورت کو اختیار ہے کہ وہ شوہر سے حق مہر وصول کرے یا اسے معاف کردے (فَاِنۡ طِبۡنَ لَکُمۡ)۔ حق مہر کو معاف کرنے کے لیے ظاہری طور پر راضی ہونا کافی نہیں بلکہ قلبی رضایت ضروری ہے، جو ہدئیے اور تحفے جبر و اکراہ سے دئے جائیں یا ظاہرداری مدنظر ہو تو اس کا کوئی اعتبار نہیں ہے (طِبۡنَ ۔۔۔ نَفۡسًا)۔ عورتوں کو چاہیے کہ وہ جذبات میں آکر اپنا پورا حق مہر معاف نہ کریں (شَیۡءٍ مِّنۡہُ)اس کا کچھ حصہ معاف کریں۔

آیت ۵:

روایات میں شرابیوں اور گنہگاروں کو سفیہ ’’بے وقوف‘‘ کہا گیاہے ، لہذا عمومی اموال’’جن پر سب لوگوں کا حق ہے‘‘ وہ اموال ایسے افراد کو نہ دئے جائیں۔معاشرے میں اس قسم کے افراد کو عہدہ یا منصب دینا معاشرے سے خیانت ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے ایک آدمی سے فرمایا: اپنے مال کی حفاظت کرو کیونکہ مال تمہارے دین کی مضبوطی ہے۔ پھر آپ نے اس آیت کی تلاوت فرمائی۔ سفیہ ’’بے وقوف‘‘ اپنے اموال میں تصرف کرنے کا حق نہیں رکھتا(لَا تُؤۡتُوا السُّفَہَآءَ)۔ معاشرہ، افراد کے ذاتی اموال میں تصرف کا حق رکھتا ہے، اس لیے (اَمۡوَالَکُمُ)’’تمہارے اموال‘‘کہا گیا ہے،( اموالھم) ’’ان کے اموال‘‘ نہیں کہا گیا۔ معاشرہ کا لوگوں کے اموال میں اس طرح حق ہے کہ لوگ اپنے مال کو ضائع نہ کریں، کیونکہ اگر وہ ایسا کریں گے تو گویا انہوں نے معاشرہ کا حق ضائع کیا ہے۔ مال اور ثروت زندگی کا سہارا اور معاشرہ کا استحکام ہے (جَعَلَ اللّٰہُ لَکُمۡ قِیٰمًا)۔ سرمایہ جامد نہ رہے بلکہ یتیموں اور سفہاء ’’کم عقلوں‘‘ کے اموال بھی پیداوار کے لیے مصرف میں لائے جائیں، ان سے کاروبار کیا جائے اور پیسہ گھومتا رہے اور اس مال کی درآمدسے یتیموں اور سفہاء کی زندگی کے امور کو چلایا جائے اور اصل مال محفوظ رہے (وَ ارۡزُقُوۡہُمۡ فِیۡہَا) کہا ہے، (منھا) نہیں کہا ہے، اصل سرمایہ سے کاروبار کرو اور اس سے جو منفعت ملے اس سے خرچ کرو، اصل مال کو خرچ نہ کرو۔ محروم طبقات کے نفسیاتی اور جذباتی مسائل پر توجہ رہنی چاہیے (وَ قُوۡلُوۡا لَہُمۡ قَوۡلًا مَّعۡرُوۡفًا)۔ کچھ افراد کو ان کے مال میں تصرف کرنے سے روکنے پر صاحب مال کا رد عمل ہوتا ہے، وہ سخت لہجہ میں بات کرے گا تو اس کا چارہ (قَوۡلًا مَّعۡرُوۡفًا) ہے، پیار سے اسے سمجھانا ہوگا کہ یہ سب اس کے اپنے فائدے کے لیے ہے۔

آیت ۶:

یتیموں کی معاشی سوجھ بوجھ کو بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں کاروبار سکھایا جائے، معاملات کی سوجھ بوجھ دی جائے اور انہیں نفع و نقصان کے بارے میں بتایا جائے (وَ ابۡتَلُوا الۡیَتٰمٰی۔۔۔)۔ یتیم اپنے ولی اور سرپرست کی نگرانی میں اپنے مال میں تصرف کا حق رکھتا ہے(وَ ابۡتَلُوا) کا لازمہ یہ ہے کہ یتیم اپنے ولی کی زیر نگرانی اپنے اموال میں تصرف کرے اور اس طرح اس کی آزمائش ہوجائے اور اس کی قابلیت معلوم ہو۔ یتیم کے اموال اس کے سپرد کرنے کے لیے اندازہ کرلینا کافی نہیں، گمان کی بنیاد پر اس کا مال اس کے حوالے نہ کیا جائے بلکہ اطمینان حاصل ہو کہ اس میں اجتماعی اور اقتصادی رشد و کمال موجود ہے (اٰنَسۡتُمۡ مِّنۡہُمۡ رُشۡدًا)۔ ملکیت لازمی طور پر حق تصرف کے حق کے ساتھ نہیں ہوتی جیسے یتیم اپنے اموال کا مالک ہے لیکن جب تک رشد و کمال تک نہ پہنچ جائےوہ اپنے اموال میں تصرف نہیں کرسکتا(فَاِنۡ اٰنَسۡتُمۡ مِّنۡہُمۡ رُشۡدًا)۔ صاحب استطاعت لوگوں کو چاہیے کہ وہ بغیر توقعات کے سماجی خدمات انجام دیں(مَنۡ کَانَ غَنِیًّا فَلۡیَسۡتَعۡفِفۡ)۔ یتیموں کے اموال کی حفاظت کرو اور ان کے اموال کو ان کے سپرد کرتے وقت گواہ بنا کر اپنی آبرو کی حفاظت بھی کرو (فَاَشۡہِدُوۡا عَلَیۡہِمۡ)۔ گواہ لینے سے معاشرے میں جھگڑے اور اختلافات کا خاتمہ ہوجاتا ہے لیکن قیامت کے دن کا معاملہ اپنی جگہ پر باقی ہے، وہاں پر جو کیا ہے اس کا حساب دینا ہوگا (وَ کَفٰی بِاللّٰہِ حَسِیۡبًا)۔
سورۃ النساء
کل آیات: 176 | مدنی | پارہ 4
آیت 7 تا 11
لِّلرِّجَالِ نَصِيبٞ مِّمَّا تَرَكَ ٱلۡوَٰلِدَانِ وَٱلۡأَقۡرَبُونَ وَلِلنِّسَآءِ نَصِيبٞ مِّمَّا تَرَكَ ٱلۡوَٰلِدَانِ وَٱلۡأَقۡرَبُونَ مِمَّا قَلَّ مِنۡهُ أَوۡ كَثُرَۚ نَصِيبٗا مَّفۡرُوضٗا ٧ وَإِذَا حَضَرَ ٱلۡقِسۡمَةَ أُوْلُواْ ٱلۡقُرۡبَىٰ وَٱلۡيَتَٰمَىٰ وَٱلۡمَسَٰكِينُ فَٱرۡزُقُوهُم مِّنۡهُ وَقُولُواْ لَهُمۡ قَوۡلٗا مَّعۡرُوفٗا ٨ وَلۡيَخۡشَ ٱلَّذِينَ لَوۡ تَرَكُواْ مِنۡ خَلۡفِهِمۡ ذُرِّيَّةٗ ضِعَٰفًا خَافُواْ عَلَيۡهِمۡ فَلۡيَتَّقُواْ ٱللَّهَ وَلۡيَقُولُواْ قَوۡلٗا سَدِيدًا ٩ إِنَّ ٱلَّذِينَ يَأۡكُلُونَ أَمۡوَٰلَ ٱلۡيَتَٰمَىٰ ظُلۡمًا إِنَّمَا يَأۡكُلُونَ فِي بُطُونِهِمۡ نَارٗاۖ وَسَيَصۡلَوۡنَ سَعِيرٗا ١٠ يُوصِيكُمُ ٱللَّهُ فِيٓ أَوۡلَٰدِكُمۡۖ لِلذَّكَرِ مِثۡلُ حَظِّ ٱلۡأُنثَيَيۡنِۚ فَإِن كُنَّ نِسَآءٗ فَوۡقَ ٱثۡنَتَيۡنِ فَلَهُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَكَۖ وَإِن كَانَتۡ وَٰحِدَةٗ فَلَهَا ٱلنِّصۡفُۚ وَلِأَبَوَيۡهِ لِكُلِّ وَٰحِدٖ مِّنۡهُمَا ٱلسُّدُسُ مِمَّا تَرَكَ إِن كَانَ لَهُۥ وَلَدٞۚ فَإِن لَّمۡ يَكُن لَّهُۥ وَلَدٞ وَوَرِثَهُۥٓ أَبَوَاهُ فَلِأُمِّهِ ٱلثُّلُثُۚ فَإِن كَانَ لَهُۥٓ إِخۡوَةٞ فَلِأُمِّهِ ٱلسُّدُسُۚ مِنۢ بَعۡدِ وَصِيَّةٖ يُوصِي بِهَآ أَوۡ دَيۡنٍۗ ءَابَآؤُكُمۡ وَأَبۡنَآؤُكُمۡ لَا تَدۡرُونَ أَيُّهُمۡ أَقۡرَبُ لَكُمۡ نَفۡعٗاۚ فَرِيضَةٗ مِّنَ ٱللَّهِۗ إِنَّ ٱللَّهَ كَانَ عَلِيمًا حَكِيمٗا ١١
ترجمہ
ماں باپ اور رشتہ داروں نے جو کچھ مرنے کے بعد جو کچھ اموال سے پیچھے چھوڑا ہے تو مردوں کا اس میں حصہ ہے اور ماں باپ اور رشتہ داروں نے مرنے کے بعد جومال پیچھے چھوڑا ہے اس میں عورتوں کے لیے بھی حصہ ہے چاہے چھوڑا ہوا مال کم ہو یا زیادہ ہو، طے شدہ مقدار میں انہیں دینا واجب ہے۔(۷) وراثت تقسیم کرتے وقت ایسے رشتہ دار جو وراثت سے حصہ نہیں لیتے، یتیم اور مساکین (محروم طبقات) موجود ہوں تو ان اموال سے کچھ مقدار انہیں بھی دے دو اور ان کے ساتھ اچھے انداز میں بات کرو۔(۸) وہ لوگ جنہوں نے اپنے پیچھے کمزور اولاد چھوڑا ہے اور ان کے بارے میں انہیں خوف لاحق ہو کہ کہیں دربدر نہ ہوجائیں تو انہیں چاہیے کہ وہ لوگوں کے یتیموں پر ظلم کرنے سے بھی ڈریں اور اللہ کا تقویٰ اختیار کریں اور ان کے ساتھ شائستہ انداز میں بات کریں۔(۹) جو لوگ یتیموں کے اموال کو ظلم و ستم کر کے کھا جاتے ہیں تو وہ در حقیقت آگ کو اپنے شکموں میں بھرتے ہیں، وہ بہت جلد بھڑکتی آگ میں داخل ہوں گے۔(۱۰) اللہ تمہیں تمہاری اولاد بارے یہ وصیت کرتا ہے کہ ایک لڑکے کا حصہ دو لڑکیوں کے حصے کے برابر ہے، اگر (وارثوں میں)لڑکیاں دو سے زائد ہوں تو وراثت کا دو تہائی ان کا حق ہے اور اگر صرف ایک لڑکی ہے تو آدھی (وراثت ) اس کی ہے اور میت کی اولاد ہونے کی صورت میں والدین میں سے ہر ایک کو وراثت کا چھٹا حصہ ملے گا اور اگر میت کی اولاد نہ ہو بلکہ صرف ماں باپ اس کے وارث ہوں تو اس کی ماں کو تیسرا حصہ ملے گا، اگر متوفی کے بھائی ہوں تو ماں کو چھٹا حصہ ملے گا، وراثت کی تقسیم میت کی وصیت پر عمل کرنے اور اس کے قرض کی ادائیگی کے بعد ہو گی جو اس نے وصیت کررکھی ہو، تم یہ نہیں سمجھ سکتے کہ تمہارے ماں باپ اور اولاد سے تمہارے لیے کون زیادہ فائدہ دینے والا ہے، یہ احکام اللہ کی طرف سے واجب ہوئے ہیں، بلاشک اللہ تو دانا اور حکمت والا ہے۔(۱۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۷:

عورتیں بھی مردوں کی طرح وراثت کی حقدار ہیں۔ اس حوالے سے دین ان کے حقوق کا محافظ ہے (لِلرِّجَالِ نَصِیۡبٌ ۔۔۔ لِلنِّسَآءِ نَصِیۡبٌ)۔ وراثت، ملکیت کے اسباب میں سے ایک ہے(لِلرِّجَالِ نَصِیۡبٌ)۔ متوفی کے رشتہ داروں میں سے جو اس کے زیادہ قریب ہے وہ وراثت لینے میں دوسروں پر مقدم ہے (الۡاَقۡرَبُوۡنَ)۔ وراثت کی منصفانہ تقسیم اہم ہے، اس کی مقدار اہم نہیں (قَلَّ مِنۡہُ اَوۡ کَثُرَ)۔ وراثت کا قانون ناقابل تغییر ہے (نَصِیۡبًا مَّفۡرُوۡضًا)۔

آیت ۸:

( اُولُوا الۡقُرۡبٰی ) کو (الۡیَتٰامٰی) اور (الۡمَسٰاکِیۡنُ) کے ساتھ لایا گیا ہے، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ رشتہ داروں سے وہ رشتہ دار مراد ہیں جو غریب و نادار ہوں اور جو قانونی طور پر وراثت نہیں لے سکتے ہوں جیسا کہ اس آیت کے آخر میں مہربانی پر مبنی وصیت سے بھی اس معنی کی تائید ہوتی ہے۔ محروم طبقات کی فطری توقعات پر توجہ دی جائے (وَ اِذَا حَضَرَ الۡقِسۡمَۃَ)۔ وراثت سے مربوط اموال کی تقسیم مخفیانہ طور پر نہ کرو، جہاں تک ممکن ہو اس میں دوسرے افراد شریک ہوں (حَضَرَ الۡقِسۡمَۃَ اُولُوا الۡقُرۡبٰی)۔ وراثت کی تقسیم میں متعین حصہ رکھنے والے افراد کے علاوہ فقراء، مساکین، یتیموں اور محروم طبقات سے جو لوگ ہیں ان کی فکر بھی کریں (نَصِیۡبًا مَّفۡرُوۡضًا۔۔۔ فَارۡزُقُوۡہُمۡ مِّنۡہُ)۔ مالی تحفوں اور میٹھے بول بول کر کینوں، دشمنیوں اور حسادتوں کا علاج کرو اور اس طرح خاندانی روابط کو مضبوط کرو (فَارۡزُقُوۡہُمۡ۔۔۔قُوۡلُوۡا)۔ مادی تحائف، معنوی جذبات اور احساسات کے ہمراہ ہوں (قُوۡلُوۡا لَہُمۡ قَوۡلًا مَّعۡرُوۡفًا)۔

آیت ۹:

احادیث میں آیا ہے کہ یتیم کا مال کھانے کے دنیاوی اثرات بھی ہیں اور اخروی اثرات بھی ہیں۔ دنیا میں اولاد کو خسارہ اور نقصان ملتا ہے جسے اسی آیت میں بیان کیا گیا ہے اور آخرت میں دوزخ کا عذاب ہے جو بعد والی آیت میں بیان ہوا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اس آیت میں جو نہی وارد ہوئی ہے اس سے غیر متوازن انفاق اور نامناسب اور غیر متوازن وصیت مراد ہو۔ اس معنی میں کہ جس کے چھوٹے اور ناتوان بچے موجود ہوں وہ اپنا تمام سرمایہ وقف یا خرچ نہ کرے کہ اس کی موت کے بعد اس کی اولاد فقر و فاقہ میں مبتلا ہوجائے۔ ممکن ہے اس آیت میں خطاب ان سے ہو جن کی اولاد ذہنی طور پر پسماندہ ہے کہ وہ اپنی ایسی اولاد کے مستقبل کے لیے پروگرام ترتیب دیں اور منصوبہ بندی کریں۔ خیر و شر اور نفع و نقصان کا تعلق آنے والی نسلوں سے بھی ہوتا ہے کیونکہ انسان کے اعمال کے اثرات فقط اس کی زندگی تک محدود نہیں ہوتے بلکہ بعض اوقات ایک باپ کے برے عمل کا اثر اس کی اولاد پر بھی ہوتا ہے جس طرح باپ کے نیک اعمال کا نتیجہ اور فائدہ اولاد کو بھی ملتا ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام اور حضرت خضر علیہ السلام کی داستان میں ایک دیوار کی مرمت کی گئی کہ جس کے نیچے یتیموں کا خزانہ موجود تھا۔ یہ ایک قرآنی نمونہ ہے کہ نیک ماں باپ کی نیکی کا صلہ اس طرح دیا گیا کہ ان کے یتیموں کے مال کی حفاظت کا انتظام کیا گیا (کَانَ اَبُوۡہُمَا صَالِحًا)’’کہف، ۸۲‘‘۔ مشکلات میں مبتلا لوگوں کے متعلق اپنے آپ کو ان کی جگہ قرار دیں تاکہ ان کی تکالیف کو بہتر سمجھ سکیں، دوسروں کے یتیموں کے ساتھ ایسا رویہ اپنائیں کہ اگر ہمارے بچے یتیم ہوجائیں تو ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچوں کے ساتھ اس طرح کا رویہ اپنایا جائے(تَرَکُوۡا مِنۡ خَلۡفِہِمۡ ذُرِّیَّۃً ضِعٰفًا)۔ آگ کا دھواں اس کی آنکھ میں بھی جاتا ہے جو آگ جلاتا ہے۔ اگر کوئی یتیموں پر ظلم کرتا ہے تو معاشرہ میں یہ روایت بن جائے گی اور کل وہی ظلم اس شخص کے یتیم بچوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گا (وَ لۡیَخۡشَ الَّذِیۡنَ لَوۡ تَرَکُوۡا)۔ تبلیغ کے شیوں میں سے ایک یہ ہے کہ اس میں انسانی جذبات، احساسات اور فطری امور سے استفادہ کیا جائے (ذُرِّیَّۃً ضِعٰفًا)۔ یتیموں کے اموال میں خیانت کرنا اور ان کے ساتھ سخت لہجہ میں بات کرنا جائز نہیں (فَلۡیَتَّقُوا اللّٰہَ وَ لۡیَقُوۡلُوۡا)۔ یتیموں کو لباس اور خوراک کے ساتھ پیار و محبت کی بھی ضرورت ہے (وَ لۡیَقُوۡلُوۡا قَوۡلًا سَدِیۡدًا)۔

آیت ۱۰:

علامہ طباطبائی نے اس آیت کو اعمال کے مجسّم ہونے کی دلیل قرار دیا ہے، کیونکہ قرآن مجید کہہ رہا ہے کہ یتیم کا مال آگ کی صورت اختیار کرلے گا کہ جو اس مال کو کھانے والوں کو جلائے گا۔ دنیا میں یتیم کا مال کھانے والے کا اصلی چہرہ قیامت کے دن آگ کھانے والے کی صورت میں ظاہر ہوگا (یَاۡکُلُوۡنَ اَمۡوَالَ الۡیَتٰمٰی۔۔۔یَاۡکُلُوۡنَ۔۔۔ نَارًا)۔ یتیموں کے گھر میں حاضر ہونا اور ان کے اموال سے کھانا اس صورت میں جائز ہے کہ جب یہ عمل ان کے لیے نقصان کا سبب نہ بنے(یَاۡکُلُوۡنَ۔۔۔ظُلۡمًا)،یتیموں کے متعلق جس چیز سے منع کیا گیا ہے وہ ان پر ظلم و زیادتی کرنا اور انہیں نقصان پہنچانا ہے۔

آیت ۱۱:

اگرچہ عورت کو ملنے والا وراثت کا حصہ مرد کا آدھا ہے، لیکن اس کا فائدہ آدھا نہیں ہے۔ فرض کریں کہ وراثت کے30 حصے ہیں، جس میں سے بیٹی کو 10 حصے اور بیٹے کو 20 حصے ملتے ہیں، لیکن بیٹی پر چونکہ گھر کے اخراجات کی کوئی ذمہ داری نہیں، اس لیے وہ اپنے حصے کو محفوظ کر لیتی ہے اور زندگی گزارنے کے لیے بیٹے کے حصے کو استعمال کرتی ہے ۔ پس وہ اپنی ضرورت مرد کے حصے سے پوری کرتی ہے اور اپنا حصہ محفوظ رکھتی ہے۔ اس بنا پر، بیٹی لینے کے معاملے میں تو آدھا لیتی ہے، لیکن ضروریات کے لحاظ سے اس کی تمام ضروریات پوری ہوجاتی ہیں۔ امام جواد علیہ السلام سے مروی ہے کہ انفرادی اور اجتماعی اخراجات میں سے کچھ بھی عورت کے ذمہ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ازدواج کے وقت وہ حق مہر لیتی ہے جبکہ مرد مہر عورت کو دیتا ہے اور اس کی تمام ضروریات کو بھی وہی پوری کرتا ہے۔ جبکہ عورت بغیر کسی مالی ذمہ داری کے وراثت سے اپنا حصہ وصول کرتی ہے اور اسے حق ہے کہ وہ اپنے اس حصہ کو ذخیرہ کرلے اور اپنے اخراجات کے لیے مرد کے حصہ سے استفادہ کرے۔ وراثت کے احکام تورات میں بھی بیان ہوئے ہیں۔ انجیل میں ہے کہ مسیح علیہ السلام نے فرمایا: میں اس لیے نہیں آیا کہ تورات کے احکام کو تبدیل کروں۔ زمانہ جاہلیت کے عرب، عورتوں اور بچوں کو وراثت سے محروم رکھتے تھے جبکہ اسلام نے عورتوں اور بچوں کے لیے ان کی ضروریات کے مطابق وراثت میں حصہ قرار دیا ہے۔ اولاد کے لیے وراثت ملنا باپ کو کوشش اور محنت کے لیے آمادہ کرتا ہے۔ اگر کسی کو یہ معلوم ہو کہ اس کی جائیداد اس کی اولاد کو نہیں ملے گی تو وہ اموال کمانے میں زیادہ دلچسپی نہیں لے گا۔ فرانس میں جب وراثت کا قانون ختم کیا گیا تو معاشی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں۔ متوفی کی اولاد کے سہم کا اس کے والدین سے زیادہ ہونا شاید اس وجہ سے ہو کہ والدین اپنی زندگی کے آخری سال گزار رہے ہوتے ہیں اور ان کی ضروریات کم ہوتی ہیں۔ اگر متوفی کے بھائی نہ ہوں تو ماں کے لیے ایک تہائی حصہ وراثت ملے گی اور اگر متوفی کے بھائی ہوں تو ماں کے لیے وراثت کا چھٹا حصہ ملے گا، باقی حصہ باپ کے لیے ہے، یہ شاید اس لیے ہو کہ متوفی کے بھائیوں کے اخراجات عام طور پر باپ کے ذمہ ہوتے ہیں، ماں کے ذمہ نہیں ہوتے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: متوفی کے قرض کی ادائیگی اس کی وصیت پر مقدم ہے۔ اگر اس کی وصیت شریعت کے خلاف ہو تو اس پر عمل نہیں کرنا چاہیے۔ ایک شخص اس وجہ سے پریشان تھا کہ اس کی بیوی نے بیٹی کو جنا تھا، امام جعفر صادق علیہ السلام نے اس کے لیے اس آیت کو تلاوت کیا (لَا تَدۡرُوۡنَ اَیُّہُمۡ اَقۡرَبُ لَکُمۡ نَفۡعًا)۔ اسلام آئین فطرت ہے، جس طرح بیٹا اپنے والدین کی بقا ء کا تسلسل ہے اور ان کی جسمانی اور روحانی صفات اولاد کی طرف منتقل ہوتی ہیں اسی طرح ان کے اموال کو بھی اولاد کی طرف منتقل ہونا چاہیے (یُوۡصِیۡکُمُ اللّٰہُ فِیۡۤ اَوۡلَادِکُمۡ)۔ وصیت متوفی کا حق ہے اور یہ حق وارثوں کے حقوق پر مقدم ہے (مِنۡۢ بَعۡدِ وَصِیَّۃٍ)۔ متوفی کے ذمہ لوگوں کے حقوق، وارثوں اور رشتہ داروں کے حقوق پر مقدم ہیں (مِنۡۢ بَعۡدِ ۔۔۔ دَیۡنٍ) قرض، دوسروں کا حق ہے، اس حق کو ادا کرنا ہوگا اور یہ حق وارثوں کے حق پر مقدم ہے۔ وارثوں کو ملنے والی وراثت کے حصوں میں فرق کی کچھ حکمتیں ہیں جنہیں ہم نہیں جانتے، وراثت کے حصے انسان کے حقیقی مصالح اور مفادات کی بنیاد پر ہیں، اگرچہ خود انسان اس بات سے آگاہ نہ ہو (لَا تَدۡرُوۡنَ اَیُّہُمۡ اَقۡرَبُ لَکُمۡ نَفۡعًا)۔ علم اور حکمت قانون بنانے کی دو بنیادی شرائط ہیں، وراثت کے احکام الٰہی حکمت اور علم کی بنیاد پر ہیں (فَرِیۡضَۃً مِّنَ اللّٰہِ ۔۔۔عَلِیۡمًا حَکِیۡمًا)۔
سورۃ النساء
کل آیات: 176 | مدنی | پارہ 4
آیت 12 تا 14
۞ وَلَكُمۡ نِصۡفُ مَا تَرَكَ أَزۡوَٰجُكُمۡ إِن لَّمۡ يَكُن لَّهُنَّ وَلَدٞۚ فَإِن كَانَ لَهُنَّ وَلَدٞ فَلَكُمُ ٱلرُّبُعُ مِمَّا تَرَكۡنَۚ مِنۢ بَعۡدِ وَصِيَّةٖ يُوصِينَ بِهَآ أَوۡ دَيۡنٖۚ وَلَهُنَّ ٱلرُّبُعُ مِمَّا تَرَكۡتُمۡ إِن لَّمۡ يَكُن لَّكُمۡ وَلَدٞۚ فَإِن كَانَ لَكُمۡ وَلَدٞ فَلَهُنَّ ٱلثُّمُنُ مِمَّا تَرَكۡتُمۚ مِّنۢ بَعۡدِ وَصِيَّةٖ تُوصُونَ بِهَآ أَوۡ دَيۡنٖۗ وَإِن كَانَ رَجُلٞ يُورَثُ كَلَٰلَةً أَوِ ٱمۡرَأَةٞ وَلَهُۥٓ أَخٌ أَوۡ أُخۡتٞ فَلِكُلِّ وَٰحِدٖ مِّنۡهُمَا ٱلسُّدُسُۚ فَإِن كَانُوٓاْ أَكۡثَرَ مِن ذَٰلِكَ فَهُمۡ شُرَكَآءُ فِي ٱلثُّلُثِۚ مِنۢ بَعۡدِ وَصِيَّةٖ يُوصَىٰ بِهَآ أَوۡ دَيۡنٍ غَيۡرَ مُضَآرّٖۚ وَصِيَّةٗ مِّنَ ٱللَّهِۗ وَٱللَّهُ عَلِيمٌ حَلِيمٞ ١٢ تِلۡكَ حُدُودُ ٱللَّهِۚ وَمَن يُطِعِ ٱللَّهَ وَرَسُولَهُۥ يُدۡخِلۡهُ جَنَّٰتٖ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُ خَٰلِدِينَ فِيهَاۚ وَذَٰلِكَ ٱلۡفَوۡزُ ٱلۡعَظِيمُ ١٣ وَمَن يَعۡصِ ٱللَّهَ وَرَسُولَهُۥ وَيَتَعَدَّ حُدُودَهُۥ يُدۡخِلۡهُ نَارًا خَٰلِدٗا فِيهَا وَلَهُۥ عَذَابٞ مُّهِينٞ ١٤
ترجمہ
اور اگر تمہاری بیویوں کی اولاد نہ ہو تو ان کی میراث میں سے تمہیں نصف حصہ ملے گا اور اگر ان کی اولاد ہو تو ان کی میراث میں سے چوتھائی حصہ تمہیں ملے گا، البتہ ان کی وصیت پر عمل کرنے اور قرض ادا کرنے کے بعد ایسا کیا جائے گا اور اگر تمہاری اولاد نہ ہو تو ان (بیویوں) کو تمہاری میراث میں سے چوتھائی ملے گا اور اگر تمہاری اولاد ہو تو انہیں تمہاری میراث میں سے آٹھواں حصہ ملے گا، البتہ تمہاری وصیت پر عمل کرنے اور قرض ادا کرنے کے بعد ایسا کرنا ہو گا اور اگر کوئی مرد یا عورت بے اولاد ہو اور والدین بھی زندہ نہ ہوں اور اس کا ایک بھائی یا ایک بہن ہو تو بھائی اور بہن میں سے ہر ایک کو چھٹا حصہ ملے گا، اگر (بہن بھائی) ایک سے زیادہ ہوں تو سب ایک تہائی حصے میں برابر شریک ہوں گے، (ہر حال میں میراث کی تقسیم متوفی کی) وصیت پر عمل کرنے اور قرض ادا کرنے کے بعد ہو گی، بشرطیکہ(متوفی کا وصیت یا قرض کے ذریعہ وارثوں کو)نقصان پہنچانے کا ارادہ نہ ہو، یہ رہنمائی اللہ کی طرف سے ہے اور اللہ دانا، بردبار ہے۔(۱۲) یہ (وراثت کے احکام)اللہ کی طرف سے حدود اور مقدارات (طے شدہ امور) ہیں، جو بھی اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے تو اللہ اسے ایسے باغات میں وارد کرے گا کہ ان کے (درختوں) کے نیچے نہریں جاری ہیں، وہ ان (باغات) میں ہمیشہ رہیں گے اور یہی تو بڑی کامیابی ہے۔(۱۳) جو بھی اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے اور الٰہی حدود کو پھلانگ جائے تو اللہ اسے آگ میں داخل کرے گا کہ اس میں ہمیشہ رہے گا اور اس کے لیے ذلیل و خوار کرنے والا عذاب ہے۔(۱۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۲:

پچھلی آیات میں اولاد اور والدین کی وراثت کے احکام بیان ہوئے۔ اس آیت میں شوہر، بیوی اور مادری بہن بھائیوں کی وراثت کا حکم بیان کیا گیا ہے۔ اس کی بہت ساری فروعات اور شاخیں ہیں جو قرآن مجید میں بیان نہیں ہوئیں، احادیث میں ان کا بیان ہے۔ ’’کلالہ‘‘ کا لفظ قرآن مجید میں دو مرتبہ آیا ہے۔ ایک دفعہ اسی آیت میں آیا ہے اور دوسرا اسی سورہ کے آخر میں آیا ہے۔ لغوی اعتبار سے یہ لفظ احاطہ کرنے اور گھیرنے کے معنی میں ہے۔ یہ لفظ گھرانہ پر بولا جاتا ہے جس میں انسان کی اولاد اور بہن بھائی موجود ہوتے ہیں۔ ’’اکلیل‘‘ اس تاج کو کہا جاتا ہے جو سر کو گھیر لیتا ہے اور ’’کُل‘‘ اس عدد کو کہتے ہیں جو باقی اعداد کو اپنے اندر لئے ہوتا ہے۔ ’’کلالہ‘‘ کا لفظ ارث کی بحث میں دو معنوں میں استعمال ہوتا ہے: ۱۔ متوفی کے مادری بہن بھائی جو اس آیت میں مراد ہیں۔ ۲۔ پدری، مادری بہن بھائی یا پدری بہن بھائی جن کے احکام اسی سورہ کے آخر میں بیان ہوئے ہیں۔ حدیث میں آیا ہے: جائیداد کے ایک تہائی کے بارے وصیت کرنا حد سے زیادہ ہے، کوشش کریں کہ آپ کے ورثاء کو وراثت سے زیادہ فائدہ ہو۔ وصیت کے ذریعہ وارثوں کو نقصان پہنچانا گناہان کبیرہ میں سے ہے اور ایسی وصیت پر عمل کرنا واجب نہیں جو وارث کے لیے نقصان دہ ہو۔ متوفی کے بہن بھائیوں کو اس کی میراث اس صورت میں ملے گی جب وارثوں کا پہلا طبقہ یعنی متوفی کی اولاد اور اس کے ماں باپ میں سے کوئی موجود نہ ہو۔ روایات کے مطابق ایک تہائی سے زیادہ کے بارے وصیت کرنا ایک طرح سے وارثوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ البتہ اگر وارث ایک تہائی سے زیادہ کے بارے وصیت کو قبول کریں تو ایسا کرنا جائز ہے۔ اگر وارث ایک تہائی سے زیادہ کے بارے وصیت پر راضی نہ ہوں تو متوفی کی میراث کے ایک تہائی کے متعلق اس کی وصیت پر عمل کیا جائے گا۔ اگر متوفی کی ایک سے زیادہ بیویاں ہوں تو ’’متوفی کی اولاد ہو تو‘‘آٹھواں اور ’’اس کی اولاد نہ ہو تو‘‘ایک چوتھائی حصہ ان میں برابر تقسیم کیا جائے گا۔ متوفی کے قرضہ جات الٰہی قرضوں کو بھی شامل ہیں جیسے حج، خمس، زکات، کفارہ اور لوگوں کے قرضے سب کو شامل ہیں۔ لوگوں کے قرض کی واپسی اس قدر اہم ہے کہ ان دو آیات میں چار مرتبہ اس کا ذکر ہوا ہے (مِنۡۢ بَعۡدِ وَصِیَّۃٍ۔۔۔اَوۡ دَیۡنٍ)، احادیث میں ہے کہ شہید کے سارے گناہوں کو معاف کردیا جائے گا ، لیکن اگر اس نے کسی کا قرضہ دینا ہو تو اس کی معافی نہ ملے گی۔ اولاد کا ہونا، خواہ وہ دوسرے شوہر یا دوسری بیوی سے ہو، میاں بیوی میں سے ہر ایک کا حصہ آدھا کم کر دیتا ہے، تاکہ اولاد کو بھی متوفی سے حصہ ملے، خواہ اولاد بیٹی ہو یا بیٹا(فَاِنۡ کَانَ لَہُنَّ وَلَدٌ)۔ وصیت کرنے میں وارثوں کے حالات کا لحاظ رکھا جائے، تاکہ انہیں نقصان نہ ہو (غَیۡرَ مُضَآرٍّ)۔ سوال: عورتوں کے لیے میراث میں مردوں سے آدھا کیوں؟ جواب: اسلامی قوانین میں زوجہ اور اولاد کے اخراجات کی ذمہ داری مرد پر ہے۔ عورت پر کسی قسم کی مالی ذمہ داری نہیں ہوتی۔ بیوی کا نفقہ، اس کی خوراک، لباس، رہائش اور اس کی دوسری جسمانی ضروریات شامل ہیں وہ سب مرد کے ذمہ ہیں۔ یہ ایک ایسا مالی واجب ہے جسے مرد کو پورا کرنا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ازدواج کے وقت عورت کا حق مہر بھی مرد کے ذمہ ہوتا ہے اور یہ نکاح کی شرائط میں شامل ہے۔ دوسرے الفاظ میں یوں سمجھیں کہ خواتین وراثت سے جو لیتی ہیں اگرچہ وہ مردوں کی نسبت آدھا ہوتا ہے لیکن خواتین اس پورے سرمایہ کو خرچ کردیں یا اسے محفوظ کر لیں یااس سے کاروبار کرلیں یہ ان کا اختیار ہے۔ جبکہ مرد کو وراثت میں جو کچھ ملتا ہے وہ اسے اپنی زندگی کے امور میں خرچ کرتا ہے کہ اس سے عورت بھی بہرہ مند ہورہی ہوتی ہے کیونکہ اس کے تمام اخراجات مرد برداشت کررہا ہوتا ہے۔ اس لحاظ سے خواتین وراثت سے بھی حصہ لیتی ہیں اور مردوں کے حصے میں بھی شریک ہوتی ہیں۔ لہذا اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو وراثت میں خواتین کا حصہ اگر مردوں سے زیادہ نہ ہو تو کم بھی نہیں ہے۔ کیونکہ وہ وراثت کے مال کے علاوہ مرد سے نفقہ اور حق مہر بھی وصول کرتی ہیں۔ احادیث میں بھی اس موضوع بارے اشارہ موجود ہے۔ جب آئمہ علیہم السلام سے سوال کیا جاتا کہ وراثت میں عورتوں کا حصہ مردوں کی بہ نسبت آدھا کیوں ہے؟ تو امام علیہ السلام جواب میں فرماتے: (لِأَنَّ النِّسَاءَ يَرْجِعْنَ عِيَالاً عَلَى الرِّجَالِ)اس لیے کہ ان کی زندگی کے تمام اخراجات مردوں پر ہیں۔

آیت ۱۳:

’’حدود‘‘ حد کی جمع ہے۔ حد ایسی رکاوٹ کو کہتے ہیں جو دوسرے کو اس میں آنے سے روک دے۔ دوسروں کو حق نہیں کہ وہ اس دائرہ میں وارد ہوں جو دائرہ کسی کے لیے کھینچا گیا ہے۔ جس طرح کسی شہر کی حد، اس کا آخری حصہ ہوتا ہے یا ملکوں کی سرحدات اس ملک کی حد بندی کرتی ہیں۔ متعدد آیات میں الٰہی دستورات اور قوانین کو الٰہی سرحدات شمار کیا گیا ہے۔ ان حدود کو عبور کرنا جائز نہیں، جو بھی ان حدود کو عبور کریں گے تو وہ گنہگار شمار ہوں گے۔ یہ اسی طرح ہے جیسے کوئی کسی ملک کی سرحد کو عبور کرے کہ اس کے ساتھ سخت رویہ اپنایا جاتا ہے۔ وہ لوگ ہمیشہ دوزخ میں رہیں گے جنہوں نے دنیا میں اللہ تعالیٰ کے قوانین کی مسلسل نافرمانی کی ہوگی۔ وراثت کے احکام الٰہی حدود ہیں، ان حدود کو عبور کرنا جائز نہیں (تِلۡکَ حُدُوۡدُ اللّٰہِ)۔ رسول اللہﷺ کی اطاعت اللہ تعالیٰ کی اطاعت ہے (وَ مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ)۔ کامیابی و کامرانی اللہ کے راستے پر چلنا ہے نہ کہ وراثت سے زیادہ حصہ وصول کرنا (ذٰلِکَ الۡفَوۡزُ)۔

آیت ۱۴:

جو لوگ وصیت نامہ پر عمل نہیں کرتے یا متوفی کے قرضہ کو ادا نہیں کرتے یا کچھ وارثوں کو ان کا حق نہیں دیتےیا وارثوں کے حق کا انکار کرتے ہیں اور ان کے اموال پر ناجائز قبضہ کرلیتے ہیں تو ان کے لیے سخت عذاب ہے (تِلۡکَ حُدُوۡدُ اللّٰہِ ۔۔۔یَتَعَدَّ حُدُوۡدَہٗ )۔ سعادت اور شقاوت کا معیار اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت اور ان کی نافرمانی کرنا ہے، اس کے سواء کچھ اور نہیں (مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ۔۔۔مَنۡ یَّعۡصِ اللّٰہَ)۔ رسول اللہﷺکی نافرمانی، اللہ تعالیٰ کی نافرمانی ہے (یَعۡصِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ)۔ دوسروں کے حقوق پر چڑھائی کرنے والے کافروں کے زمرہ میں آتے ہیں اور کافروں کی طرح ابدی عذاب میں ہوں گے (خَالِدًا فِیۡہَا)۔ گنہگارو ں کے لیے جسمانی عذاب کے ساتھ روحانی ذلت و خواری بھی ہوگی (عَذَابٌ مُّہِیۡنٌ)۔
سورۃ النساء
کل آیات: 176 | مدنی | پارہ 4
آیت 15 تا 19
وَٱلَّٰتِي يَأۡتِينَ ٱلۡفَٰحِشَةَ مِن نِّسَآئِكُمۡ فَٱسۡتَشۡهِدُواْ عَلَيۡهِنَّ أَرۡبَعَةٗ مِّنكُمۡۖ فَإِن شَهِدُواْ فَأَمۡسِكُوهُنَّ فِي ٱلۡبُيُوتِ حَتَّىٰ يَتَوَفَّىٰهُنَّ ٱلۡمَوۡتُ أَوۡ يَجۡعَلَ ٱللَّهُ لَهُنَّ سَبِيلٗا ١٥ وَٱلَّذَانِ يَأۡتِيَٰنِهَا مِنكُمۡ فَـَٔاذُوهُمَاۖ فَإِن تَابَا وَأَصۡلَحَا فَأَعۡرِضُواْ عَنۡهُمَآۗ إِنَّ ٱللَّهَ كَانَ تَوَّابٗا رَّحِيمًا ١٦ إِنَّمَا ٱلتَّوۡبَةُ عَلَى ٱللَّهِ لِلَّذِينَ يَعۡمَلُونَ ٱلسُّوٓءَ بِجَهَٰلَةٖ ثُمَّ يَتُوبُونَ مِن قَرِيبٖ فَأُوْلَٰٓئِكَ يَتُوبُ ٱللَّهُ عَلَيۡهِمۡۗ وَكَانَ ٱللَّهُ عَلِيمًا حَكِيمٗا ١٧ وَلَيۡسَتِ ٱلتَّوۡبَةُ لِلَّذِينَ يَعۡمَلُونَ ٱلسَّيِّـَٔاتِ حَتَّىٰٓ إِذَا حَضَرَ أَحَدَهُمُ ٱلۡمَوۡتُ قَالَ إِنِّي تُبۡتُ ٱلۡـَٰٔنَ وَلَا ٱلَّذِينَ يَمُوتُونَ وَهُمۡ كُفَّارٌۚ أُوْلَٰٓئِكَ أَعۡتَدۡنَا لَهُمۡ عَذَابًا أَلِيمٗا ١٨ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا يَحِلُّ لَكُمۡ أَن تَرِثُواْ ٱلنِّسَآءَ كَرۡهٗاۖ وَلَا تَعۡضُلُوهُنَّ لِتَذۡهَبُواْ بِبَعۡضِ مَآ ءَاتَيۡتُمُوهُنَّ إِلَّآ أَن يَأۡتِينَ بِفَٰحِشَةٖ مُّبَيِّنَةٖۚ وَعَاشِرُوهُنَّ بِٱلۡمَعۡرُوفِۚ فَإِن كَرِهۡتُمُوهُنَّ فَعَسَىٰٓ أَن تَكۡرَهُواْ شَيۡـٔٗا وَيَجۡعَلَ ٱللَّهُ فِيهِ خَيۡرٗا كَثِيرٗا ١٩
ترجمہ
تمہاری بیویوں سے جو بدکاری کا ارتکاب کریں تو اپنی طرف سے ان کے خلاف چار گواہوں کو پیش کرو، اگر وہ اس بارے گواہی دیں تو ان کو گھروں پر ہی بند رکھو یہاں تک کہ ان کی موت آجائے یا اللہ ان کے بارے کوئی دوسرا حکم یا چارہ قرار دے۔(۱۵) اور اگر تم میں سے وہ مرد و عورت (جن کا ہمسر نہیں) بدکاری کا ارتکاب کریں تو انہیں تکلیف پہنچاؤ(حد جاری کرو) پھر اگر وہ توبہ کرلیں اور اپنی اصلاح کر لیں تو ان سے درگزر کرو، بے شک اللہ توبہ قبول کرنے والا،مہربان ہے۔(۱۶) توبہ کی قبولیت اللہ کی جانب سے فقط ان کے لیے ہے جو جہالت کی بنا پر گناہ کا ارتکاب کرتے ہیں، پھر جلد ہی توبہ کر لیتے ہیں تو اللہ ان کی توبہ کو قبول کرلیتا ہے، اللہ بڑا دانا ، حکمت والا ہے۔(۱۷) ان لوگوں کی توبہ قبول نہیں جو اس وقت تک برائی انجام دیتے ہیں جب ان کی موت کا وقت آجاتا ہے، اس حالت کو دیکھ کر کہتے ہیں کہ اب ہم توبہ کرتے ہیں نیز(ان کی توبہ قبول نہیں) جو کفر کی حالت میں مرتے ہیں، ہم نے ان کے لیے دردناک عذاب تیار کررکھا ہے۔(۱۸) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! تمہارے لیے جائز نہیں ہے کہ تم (بیوہ) عورتوں کو زبردستی وراثت میں لے لو اور ان پر اس لیے سختی کرو کہ جو تم نے انہیں جو (حق مہر ) دیا ہے وہ ان سے واپس لے لو مگر یہ کہ وہ ظاہر بظاہر برا عمل انجام دیں، ان کے ساتھ اچھا سلوک کرو، اگر تمہیں اپنی بیویاں اچھی نہ لگیں تو(فوراً انہیں طلاق دینے کا فیصلہ نہ کرو کیونکہ) کئی دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ تمہیں ایک چیز اچھی نہیں لگتی لیکن اللہ نے اس میں تمہارے لیے خیر کثیر قرار دیا ہوتا ہے۔(۱۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۵:

امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ ان کے لیے دوسرا راستہ قرار دے سے مراد یہ ہے کہ ان کے لیے سنگسار یا کوڑے مارنے کا حکم قرار دے۔‘‘،’’کہ اس آیت کے نزول کے وقت یہ قانون نہیں آیا تھا‘‘۔ حدیث میں ہے کہ زانیہ عورت کو قید کرنے کا حکم زمانہ جاہلیت میں بھی تھا۔ اسلام نے اس قانون کو شروع میں قبول کیا لیکن جب اسلام مضبوط ہوگیا تو زانیہ عورت کو قید کرنے کا حکم حد زنا میں تبدیل ہوگیا۔ دوسروں کی آبرو کی حفاظت کے لیے اسلام نے زنا کو ثابت کرنے کے لیے چار گواہ قرار دئے ہیں۔ اس حوالے سے اس قدر سختی کی گئی ہے کہ اگر تین گواہ ہوں اور چوتھا گواہ نہ ہو تو ان تین گواہوں کو کوڑے مارے جائیں گے۔ جبکہ قتل کو ثابت کرنے کے لیے دو گواہ کافی ہیں(اَرۡبَعَۃً مِّنۡکُمۡ)۔ زنا کے ارتکاب کی گواہی دینا واجب نہیں( فَاِنۡ شَہِدُوۡا)۔ معاشرہ کو پاکیزہ رکھنے کے لیے مجرم کو قید میں رکھنا ضروری ہے (فَاَمۡسِکُوۡ ہُنَّ)۔ ہمیشہ کی قید کا حکم ان عورتوں کے لیے تھا جو شادی شدہ اور شوہر کے موجود ہونے کے باوجود زنا کا ارتکاب کرتی تھیں(حَتّٰی یَتَوَفّٰہُنَّ الۡمَوۡتُ)لیکن یہ قانون عبوری مدت کے لیے تھا، بعد میں یہ قانون کوڑے اور تازیانے لگانے میں تبدیل ہوا (اَوۡ یَجۡعَلَ اللّٰہُ لَہُنَّ سَبِیۡلًا)۔ اگرچہ زنا اور لواط کے متعلق قوانین سخت ہیں لیکن اس جرم کو ثابت کرنا آسان نہیں۔ عام طور پر ایسا قانون ایسے لوگوں کے لیے ہے جو عام لوگوں کے سامنے اس قسم کے برے عمل کو انجام دینے کی پروا نہیں کرتے۔ کیونکہ اگر ایسا نہ ہو تو پھر کس طرح ان کے اس برے عمل کو چار افراد دیکھ سکتے ہیں؟ اس طرح کہ چار عاقل افراد نے ایک ہی طرح دیکھا ہو کہ دو آدمی زنا کر رہے ہیں،جس طرح ایک سرمہ دانی میں سرمچو داخل ہوتا ہے۔ جو افراد علنی گناہ کرتے ہیں اور معاشرہ کے تقدس کو پامال کرتے ہیں تو ضروری ہے کہ ایسے لوگوں کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ معاشرہ میں گناہ رواج نہ پاسکے۔

آیت ۱۶:

اس آیت کا جو معنی ترجمہ میں کیا گیا ہے یہ وہی معنی ہے جو عمومی تفاسیر میں بیان ہوا ہے۔ لیکن اس آیت کا ایک اور معنی بھی ذہن میں آتا ہے اور وہ یہ ہے کہ جب دو آدمی لواطت کے گناہ کا فیصلہ کرلیں تو آپ انہیں توجہ دلانے کے لیے انہیں اس جرم سے منع کرو، اگر وہ اس جرم کا ارتکاب نہ کریں تو آپ بھی ان سے درگزر کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ توبہ قبول کرنے والا اور مہربان اور رحیم ہے۔ اسلام میں بند گلی نہیں، اللہ تعالیٰ نے زنا کا ارتکاب کرنے والوں کے لیے بھی راستہ کھلا چھوڑا ہے کہ وہ توبہ کرلیں اور گناہ چھوڑ دیں۔ زانی کی توبہ اس صورت میں قبول ہے کہ اس کا معاملہ عدالت میں نہ گیا ہو اور زنا کی سزا کا حکم جاری نہ ہوا ہو۔ لیکن جب زنا کی سزا کا حکم جاری ہوجائے تو پھر توبہ قبول نہ ہوگی بلکہ اسے سزا دی جائے گی۔

آیت ۱۷:

اس آیت میں توبہ کی شرائط کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جو اس طرح ہیں: الف: گناہ جہالت اور بے توجہی کی بنا پر سرزد ہوا ہو، کفر و عناد اور صریح مخالفت کی بنا پر نہ ہو۔ ب: گنہگار فوراً توبہ کرلے، قبل اس کے کہ گناہ اسے اپنے گھیرے میں لے لے۔ حقیقی توبہ کرنے والوں کی توبہ کو قبول کرلینا ان حقوق سے ہے جنہیں اللہ تعالٰی نے اپنے ذمہ لیا ہے (التَّوۡبَۃُ عَلَی اللّٰہِ)۔ گناہ کا ارتکاب دو طرح سے ہوتا ہے: بعض دفعہ نفسانی خواہشات کا غلبہ ہوتا ہے کہ انسان کی عقل پر وہ حالت غالب آجاتی ہے اور انسان قانون اور دستورات الٰہی کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ قرآن مجید نے اس حالت کو جہالت سے تعبیر کیا ہے۔ بعض دفعہ انسان سرکشی اور الٰہی احکام کی مخالفت کرنے کے لیے گناہ کا ارتکاب کرتا ہے۔ اس کا مقصد اللہ تعالیٰ کے قوانین کا انکار کرنا ہے اور وہ ان قوانین کی پامالی کا ارادہ رکھتا ہے اور اس بنا پر گناہ کرتا ہے،در حقیقت وہ گناہ کے ارتکاب بارے بے پرواہ ہے اور باغی ذہنیت رکھتا ہے اور گناہ پر اس کا اصرار ہوتا ہے، کسی کے روکنے پر نہیں رکتا۔ ان دو قسم کے گناہوں کا حکم مختلف ہے۔ اس آیت میں ہے کہ توبہ ان کے لیے ہے جو جہالت اور نادانی کی بنا پر گناہ کر بیٹھتے ہیں اور پھر فوراً پشیمان ہوتے ہیں اور گناہ کرنے پر اصرار بھی نہیں کرتے۔ لیکن دوسرا گروہ جب تک اپنی ہٹ دھرمی نہ چھوڑے اور گناہ پر اصرار کو ترک نہ کرے اس وقت تک اس کی توبہ قبول نہ ہوگی۔ وہ علم جو ناپسندیدہ خواہشات کو روکنے کا سبب نہ ہو جہالت ہے (یَعۡمَلُوۡنَ ۔۔۔بِجَہَالَۃٍ) جب تک گناہ بڑھا نہیں توبہ آسان ہے، اس آیت میں ہے (یَعۡمَلُوۡنَ السُّوۡٓءَ) لیکن بعد والی آیت میں ہے (یَعۡمَلُوۡنَ السَّیِّاٰتِ) گناہوں کا ارتکاب کرتے ہیں، جس کا مطلب گناہ کا عام ہونا ہے۔ توبہ کرنے میں جلدی کرنا توبہ کے قبول ہونے کی چابی ہے (یَتُوۡبُوۡنَ مِنۡ قَرِیۡبٍ)۔ توبہ حقیقی ہونی چاہیے، اگر توبہ کا اظہار تو کریں لیکن اس میں سچائی نہ ہو تو اللہ تعالیٰ حقیقت کو جانتا ہے (کَانَ اللّٰہُ عَلِیۡمًا حَکِیۡمًا)۔ خطا کاروں کی معذرت قبول کرنا حکیمانہ عمل ہے (عَلِیۡمًا حَکِیۡمًا)۔

آیت ۱۸:

اس توبہ کی قدر و قیمت ہے جو اختیار سے ہو اور اس میں کسی قسم کا جبر اور زبردستی نہ ہو یا کسی خطرہ کو دیکھ کر یا ڈر کی بنا پر نہ ہو (اِذَا حَضَرَ اَحَدَہُمُ الۡمَوۡتُ قَالَ اِنِّیۡ تُبۡتُ الۡـٰٔنَ)۔ گناہ پر اصرار انسان سے توبہ کی توفیق چھین لیتا ہے (یَعۡمَلُوۡنَ) کا لفظ استمرار اور تسلسل کے ساتھ انجام دینے کو بیان کررہا ہے اور (السَّیِّاٰتِ) کا لفظ تعدّد اور تکرار اور بار بار گناہ کرنے کی طرف اشارہ ہے۔ توبہ کرنے میں تاخیر نہ کی جائے کیونکہ موت کا وقت معلوم نہیں، موت کے وقت کی جانے والی توبہ قبول نہیں (حَتّٰۤی اِذَا حَضَرَ اَحَدَہُمُ الۡمَوۡتُ۔۔۔)۔ توبہ کا طریقہ: جس طرح ہر بیماری کے لیے ایک خاص دوائی ہوتی ہے اسی طرح ہر قسم کے گناہ کے لیے بھی خاص توبہ ہے جو اس گناہ سے مناسبت رکھتی ہے۔ جیسے لوگوں سے حقائق چھپانے کے جرم کی توبہ یہ ہے کہ انسان ان حقائق کو لوگوں کے لیے واضح لفظوں میں بیان کرے (اِلَّا الَّذِیۡنَ تَابُوۡا وَ اَصۡلَحُوۡا وَ بَیَّنُوۡا فَاُولٰٓئِکَ اَتُوۡبُ عَلَیۡہِمۡ ۚ وَ اَنَا التَّوَّابُ الرَّحِیۡمُ) ’’بقرہ، ۱۶۰‘‘، قرآن مجید میں کوئی بھی ایسی آیت موجود نہیں جس میں توبہ کے بیان کے ساتھ توبہ کرنے والے کے فرائض اور ذمہ داریوں کو بیان نہ کیا گیا ہو۔ عام طور پر ( تَابُوۡا)کے ساتھ (اَصۡلَحُوۡا)کی تعبیر آئی ہے، یعنی توبہ کے علاوہ قلبی اصلاح اور اندر سے درستگی بھی ہو، قلبی پشیمانی ضروری ہے۔ زنا کی توبہ یہ ہے کہ زنا کرنے والا اپنی سابقہ برائیوں کی اصلاح کرے۔ منافقوں کی توبہ کے متعلق آیا ہے کہ ان کی توبہ یہ ہے کہ وہ اپنے ماضی کی اصلاح کرلیں (وَ اَصۡلَحُوۡا)، مشرق اور مغرب کے غیر مسلموں پر انحصار کی بجائے فقط اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کریں (وَ اعۡتَصَمُوۡا بِاللّٰہِ)، بدعت اور ادھر ادھر سے مطالب اور نئے نظریات وضع کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کے قانون کے پابند ہوں، سنت رسول ﷺپر عمل کریں (اَخۡلَصُوۡا دِیۡنَہُمۡ لِلّٰہِ)دینی معاملات کو فقط اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے انجام دیں، عمل سے ثابت کریں کہ وہ جس راستہ پر تھے وہ غلط تھا اور وہ اب اس غلط راہ پر ہونے پر پشیمان ہیں تو اس صورت میں ان کی توبہ قبول ہوگی اور وہ مومنوں کے ہمراہ ہوں گے (فَاُولٰٓئِکَ مَعَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ)۔ بنابراین توبہ صرف اپنے رویوں پر پشیمانی کا نام نہیں بلکہ اس کے ساتھ لوگوں کے حقوق یا مال جو ان کے ذمہ ہیں انہیں ان کو دئے جائیں اور اللہ تعالیٰ کے حقوق ’’واجبات اور فرائض چھوٹ گئے ہیں‘‘ بھی ادا کیےجائیں، خرابیوں کی اصلاح کی جائے، جو حقائق چھپائے تھے انہیں ظاہر کیا جائے تاکہ حقیقی معنوں میں توبہ ہوسکے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے تین سو مرتبہ خود کو رحمن، رحیم، غفور اور غفار جیسی صفات کے ساتھ بیان کیا ہے اور فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ توبہ کو قبول کرتا ہے(قَابِلِ التَّوۡبِ)’’غافر، ۳‘‘، اللہ تعالیٰ توبہ کرنے والے کو دوست رکھتا ہے (اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ التَّوَّابِیۡنَ)’’بقرہ، ۲۲۲‘‘۔ توبہ فوری ہو۔ایسی توبہ بے فائدہ ہے جو موت کے آنے کے وقت کی جائے یا اللہ تعالیٰ کا غضب اور عذاب دیکھ کر کی جائے۔ کیونکہ خطرہ کے وقت کی توبہ اختیاری توبہ نہیں بلکہ ایسی توبہ ہے جو مجبوری کی حالت میں کی گئی ہے۔نیز ایسی توبہ پشیمانی کی بنا پر نہیں ہوتی۔ غرق ہوتے وقت اور ہلاکت کے موقع پر کی جانے والی توبہ کا کیا فائدہ؟

آیت ۱۹:

زمانہ جاہلیت کی روایت کے برخلاف، جس کے مطابق بعض اوقات عورتوں کو بھی وراثت میں لیا جاتا تھا، یہ آیت اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ صرف جائیداد وراثت میں ملتی ہے اور متوفی کی بیوہ کو وارثت میں نہیں لیا جاسکتا اور وہ اپنی مرضی کے مطابق دوسری شادی کرنے کا حق رکھتی ہے۔ اسلام خواتین کے حقوق کا دفاع کرتا ہے(لَا یَحِلُّ لَکُمۡ اَنۡ تَرِثُوا النِّسَآءَ کَرۡہًا)۔ عورتوں سے حق مہر کو زبردستی واپس لے لینا حرام ہے(لَا تَعۡضُلُوۡہُنَّ لِتَذۡہَبُوۡا بِبَعۡضِ مَاۤ اٰتَیۡتُمُوۡہُنَّ)۔ عورت پر صرف اسی صورت میں سختی کی جاسکتی ہے جب اس کے گمراہ ہونے اور بے حیائی کے مرتکب ہونا کا ڈر ہو (لَا تَعۡضُلُوۡہُنَّ۔۔۔اِلَّاۤ اَنۡ یَّاۡتِیۡنَ بِفَاحِشَۃٍ مُّبَیِّنَۃٍ)۔ زندگی کی ناگواریوں اور تکالیف میں بہت سارے فوائد اور خوبیاں چھپی ہوتی ہیں (یَجۡعَلَ اللّٰہُ فِیۡہِ خَیۡرًا کَثِیۡرًا)۔ گھرانہ کی مشکلات کو صبر و حوصلہ سے برداشت کیا جائے اور اولاد کی سعادت کے لیے طلاق اور جدائی سے گریز کیا جائے (فِیۡہِ خَیۡرًا کَثِیۡرًا)۔ خیر و شر اور فائدہ و نقصان ہر وقت ہماری مرضی اور خواہش کے مطابق نہیں ہوتے۔ کئی دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ ایک حالت ہمیں ناپسندہوتی ہے لیکن اسی میں ہمارے لیے بھلائی ہوتی ہے اور بعض دفعہ اس کے برعکس ہوتا ہے اور ہم جسے بہتر خیال کررہے ہوتے ہیں اور ہماری پسند ہوتی ہے وہ حقیقت میں ہمارے لیے نقصان کا سبب ہوتا ہے(فَعَسٰۤی اَنۡ تَکۡرَہُوۡا۔۔۔فِیۡہِ خَیۡرًا کَثِیۡرًا)۔
سورۃ النساء
کل آیات: 176 | مدنی | پارہ 4
آیت 20 تا 23
وَإِنۡ أَرَدتُّمُ ٱسۡتِبۡدَالَ زَوۡجٖ مَّكَانَ زَوۡجٖ وَءَاتَيۡتُمۡ إِحۡدَىٰهُنَّ قِنطَارٗا فَلَا تَأۡخُذُواْ مِنۡهُ شَيۡـًٔاۚ أَتَأۡخُذُونَهُۥ بُهۡتَٰنٗا وَإِثۡمٗا مُّبِينٗا ٢٠ وَكَيۡفَ تَأۡخُذُونَهُۥ وَقَدۡ أَفۡضَىٰ بَعۡضُكُمۡ إِلَىٰ بَعۡضٖ وَأَخَذۡنَ مِنكُم مِّيثَٰقًا غَلِيظٗا ٢١ وَلَا تَنكِحُواْ مَا نَكَحَ ءَابَآؤُكُم مِّنَ ٱلنِّسَآءِ إِلَّا مَا قَدۡ سَلَفَۚ إِنَّهُۥ كَانَ فَٰحِشَةٗ وَمَقۡتٗا وَسَآءَ سَبِيلًا ٢٢ حُرِّمَتۡ عَلَيۡكُمۡ أُمَّهَٰتُكُمۡ وَبَنَاتُكُمۡ وَأَخَوَٰتُكُمۡ وَعَمَّٰتُكُمۡ وَخَٰلَٰتُكُمۡ وَبَنَاتُ ٱلۡأَخِ وَبَنَاتُ ٱلۡأُخۡتِ وَأُمَّهَٰتُكُمُ ٱلَّٰتِيٓ أَرۡضَعۡنَكُمۡ وَأَخَوَٰتُكُم مِّنَ ٱلرَّضَٰعَةِ وَأُمَّهَٰتُ نِسَآئِكُمۡ وَرَبَٰٓئِبُكُمُ ٱلَّٰتِي فِي حُجُورِكُم مِّن نِّسَآئِكُمُ ٱلَّٰتِي دَخَلۡتُم بِهِنَّ فَإِن لَّمۡ تَكُونُواْ دَخَلۡتُم بِهِنَّ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ وَحَلَٰٓئِلُ أَبۡنَآئِكُمُ ٱلَّذِينَ مِنۡ أَصۡلَٰبِكُمۡ وَأَن تَجۡمَعُواْ بَيۡنَ ٱلۡأُخۡتَيۡنِ إِلَّا مَا قَدۡ سَلَفَۗ إِنَّ ٱللَّهَ كَانَ غَفُورٗا رَّحِيمٗا ٢٣
ترجمہ
اور اگر تم ایک زوجہ کی جگہ دوسری زوجہ لینا چاہو اور اسے بہت زیادہ مال (حق مہر کے عنوان سے) دے چکے ہو تو اس سے کچھ بھی مت لو، کیا تم تہمت اور آشکار گناہ کے ذریعہ اسے واپس لینا چاہتے ہو؟(۲۰) تم اس مال کو اس سے واپس کسی طرح لے سکتے ہو جب تم نے ایک دوسرے سے مطلب پورا کیا ہے اور تمہاری بیویوں نے تم سے (حق مہر ادا کرنے کی بابت) مضبوط پیمان لیا ہے۔(۲۱) اور ان خواتین سے نکاح نہ کرو جن سے تمہارے باپ نکاح کر چکے ہوں مگر وہ جو(اس آیت کے نزول سے پہلے) انجام پا چکا ہے،اس قسم کا نکاح بے حیائی، ناپسندیدہ اور نادرست عمل ہے۔(۲۲) تم پر حرام کر دی گئی ہیں تمہاری مائیں، تمہاری بیٹیاں، تمہاری بہنیں، تمہاری پھوپھیاں، تمہاری خالائیں،تمہاری بھتیجیاں،تمہاری بھانجیاں، تمہاری وہ مائیں جو تمہیں دودھ پلا چکی ہیں اور تمہاری وہ بہنیں جن کے ساتھ تم نے دودھ پیا ہے، تمہاری ان بیویوں کی مائیں جن سے تم ہمبستری کر چکے ہو ان کی وہ بیٹیاں جو(ان کے سابقہ شوہر سے ہوں اور) جنہوں نے تمہارے ہاں تربیت پائی ہے، لیکن اگر ان بیویوں سے (صرف عقد ہوا ہو) ہمبستری نہ ہوئی ہو(اور انہیں طلاق دے چکے ہو تو ان کی بیٹیوں سے نکاح کرنے میں)کوئی حرج نہیں ہے نیز تمہارے صلبی بیٹوں کی بیویاں اور دو بہنوں کو ایک وقت میں اپنی زوجیت میں لینا، مگر یہ کہ اس حکم سے پہلے جو کرچکے ہو(کہ اس کا گناہ معاف کیا جائے گا) بتحقیق اللہ مہربان بخشنے والا ہے۔(۲۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۰:

(قِنۡطَارًا)بہت زیادہ مال کے معنی میں ہے، پیسے پل(قنطرۃ)کی مانند استفادہ کرنے کا وسیلہ ہیں۔ جس طرح پل گزرنے کا وسیلہ ہوتا ہے اسی طرح مال زندگی کے امور چلانے کا وسیلہ ہے اس لیے اسے (قنطرۃ) کہا جاتا ہے۔ زمانہ جاہلیت میں لوگوں میں یہ رسم تھی کہ جب کوئی دوسری شادی کرنا چاہتا تو وہ پہلی بیوی پر تہمت لگا دیتا تھا تاکہ وہ دباؤ میں آکر اپنا حق مہر معاف کردے۔اس طرح اس کا شوہر اسے طلاق دے دیتا اور اس سے حق مہر واپس لے لیتا اور یہ رقم دوسری بیوی کو مہر دے دیتا تھا۔ اس آیت میں اس جاہلانہ رسم و رواج کی مذمت کی گئی ہے۔ طلاق کے بعد دوسری شادی کرنا اسلام میں جائز ہے (اَرَدۡتُّمُ اسۡتِبۡدَالَ زَوۡجٍ مَّکَانَ زَوۡجٍ )۔ طلاق دینے کا حق بنیادی طور پر مرد کو حاصل ہے (اَرَدۡتُّمُ اسۡتِبۡدَالَ زَوۡجٍ)۔ اگرچہ حق مہر کی مقدار کے زیادہ ہونے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن دستورات دین میں حق مہر کی مقدار کم رکھنے کا کہا گیا ہے(اٰتَیۡتُمۡ اِحۡدٰہُنَّ قِنۡطَارًا)۔ الٰہی قوانین کے اعتبار سے انسان کی مالکیت کے لیے کوئی مخصوص حد نہیں، انسان جتنی چاہے اپنے لیے ملکیت بنا سکتا ہے (قِنۡطَارًا)۔ اسلام عورتوں کے حقوق کا حامی ہے۔ لہذا دوسری شادی پہلی بیوی کے حقوق کو ضائع کرنے کی بنیاد پر نہ ہو (فَلَا تَاۡخُذُوۡا مِنۡہُ شَیۡئًا)۔ عورت کے لیے حق مالکیت ہے۔ عورت کا حق مہر بغیر کمی کے اسے دیا جائے (فَلَا تَاۡخُذُوۡا مِنۡہُ شَیۡئًا)۔ اگر کوئی شخص درست طریقہ کار کے تحت کسی چیز کا مالک بنا ہو تو اس سے اس مال کو نہیں چھینا جا سکتا، خواہ اس مال کی مقدار جتنی بھی زیادہ ہو (فَلَا تَاۡخُذُوۡا۔۔۔)۔ ظلم کی اقسام میں سے ایک بدترین قسم لوگوں کا مال چھیننا ہے۔ مختلف حیلوں بہانوں سے، جواز تراش کر، تہمت لگا کر اور دوسروں کی آبرو ریزی کر کے لوگوں کا مال چھیننا جائز نہیں (اَتَاۡخُذُوۡنَہٗ بُہۡتَانًا وَّ اِثۡمًا مُّبِیۡنًا)۔

آیت ۲۱:

نہی از منکر اور برائی سے روکنے کے لیے لوگوں کے احساسات اور جذبات سے بھی استفادہ کیا جائے۔ ایک بیوی کے ساتھ تمہارے کئی سالوں سے اچھے تعلقات تھے اور تم نے کامیاب زندگی گزاری ہے تو پھر اب تم اس سے حق مہر کیوں واپس لیتے ہو؟ ( قَدۡ اَفۡضٰی بَعۡضُکُمۡ اِلٰی بَعۡضٍ)۔ ازدواجی زندگی کے ناخوشگوار لمحات میں خوشگوار لمحات کو نہ بھولیں (قَدۡ اَفۡضٰی)۔ نکاح اور ہمبستری سے مربوط امور کو بیان کرتے وقت ادب کا لحاظ رکھا جائے (اَفۡضٰی)۔ عقد ازدواج ایک مضبوط اور مستحکم عہد و پیمان ہے (مِیۡثَاقًا غَلِیۡظًا)۔ بیوی سے حق مہر کو واپس لینا ایک طرح کی پیمان شکنی ہے (وَ کَیۡفَ تَاۡخُذُوۡنَہٗ۔۔۔ وَ اَخَذۡنَ مِنۡکُمۡ مِّیۡثَاقًا غَلِیۡظًا)۔

آیت ۲۲:

زمانہ جاہلیت کی روایات سے ایک یہ تھا کہ جب کوئی شخص مر جاتا تھا تو اس کا بیٹا اپنی سوتیلی ماں ’’باپ کی زوجہ‘‘سے شادی کرلیتا تھا۔ ابوقیس نامی ایک انصاری فوت ہوا تو اس کے بیٹے نے اپنی سوتیلی ماں سے ازدواج کا پیغام بھیجا تو اس عورت نے کہا کہ میں اس بارے پیغمبراکرمﷺ سے پوچھوں گی۔ اس کے جواب میں یہ آیت نازل ہوئی جس میں باپ کی بیوی سے ازدواج سے منع کردیا گیا۔ اسلام دین فطرت ہے۔ انسان فطری طور پر اپنی ماں اور سوتیلی ماں سے ازدواج کرنے کو ناپسند کرتا ہے۔ اس لیے اسلام میں اس سے منع کیا گیا ہے (لَا تَنۡکِحُوۡا مَا نَکَحَ اٰبَآؤُکُمۡ)۔ سوتیلی مائیں، ماں کی مانند ہوتی ہیں، لہذا سوتیلی اولاد سے نفرت کرنے کی بجائے ان سے اچھے روابط رکھیں(لَا تَنۡکِحُوۡا مَا نَکَحَ اٰبَآؤُکُمۡ)۔ اولاد پر لازم ہے کہ وہ ازدواج میں اپنے باپ کی حرمت کا پاس رکھیں (لَا تَنۡکِحُوۡا مَا نَکَحَ اٰبَآؤُکُمۡ)۔ اولاداپنے باپ کی زوجہ کو ماں سمجھیں (مَا نَکَحَ اٰبَآؤُکُمۡ)۔ اسلام ماضی کے اعمال سے چشم پوشی کرتا ہے۔ اس حکم سے پہلے جو ازدواج انجام پاچکیں تو اس کو معاف کر دیا گیا (اِلَّا مَا قَدۡ سَلَفَ)۔ اپنی بات کو دلیل و منطق کے ساتھ پیش کریں خواہ یہ دلیل اجمالی صورت میں ہو یا تفصیلی(اِنَّہٗ کَانَ فَاحِشَۃً وَّ مَقۡتًا ؕ وَ سَآءَ سَبِیۡلًا)۔ اپنی سوتیلی ماں سے شادی کرنا برا عمل ہے اور یہ دوسری محرم عورتوں کے ساتھ شادی کی راہ ہموار کرتا ہے(سَآءَ سَبِیۡلًا)۔

آیت ۲۳:

اس آیت میں بیان ہوا ہے کہ چند خواتین انسان کے لیے محرم ہیں، ان سے ازدواج کرنا حرام ہے۔ محرمیت اور ازدواج کی حرمت تین طریقوں سے حاصل ہوتی ہے: ۱۔ ولادت، نسبی تعلق۔ ۲۔ سبب تعلق و ارتباط۔ ۳۔ دودھ پینا ’’رضاعت‘‘ محارم سے ازدواج کی حرمت کا قانون یہودیت اور عیسائیت جیسے سابقہ ادیان میں بھی تھا۔ نامحرم سے ازدواج خاندانی تعلقات کو وسیع کرنے کا سبب ہے۔ ایک وقت میں دو بہنوں سے شادی عام طور پر حسادت اور رقابت کا سبب ہوتی ہے۔ ذاتی حوالے سے بھی اور جنسی حوالے سے بھی اور بعض اوقات یہ چیزیں دشمنی کی حد تک پہنچ جاتی ہیں۔ شاید اس وجہ سے ایک وقت میں دو بہنوں سے شادی کرنے سے منع کیا گیا ہے(وَ اَنۡ تَجۡمَعُوۡا بَیۡنَ الۡاُخۡتَیۡنِ۔۔۔)۔ کیا حلال ہے، کیا حرام ہے، کیا کھانا جائز ہے اور کیا کھانا نا جائز ہے، کون سا کاروبار ٹھیک ہے اور کون سا کاروبار صحیح نہیں، کس سے ازدواج کرنا ہے اور کس سے ازدواج نہیں کرنا یہ سب اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے (حُرِّمَتۡ عَلَیۡکُمۡ)۔ کسی عورت کا دودھ پینا، ماں کا دودھ پینا جیسا ہے۔ جس طرح ماں سے جنا جانا حرمت کا سبب ہے اسی طرح کسی عورت کا دودھ پینا محرمیت کا سبب بنتا ہے۔ لہذا دودھ پلانے کے لیے جس خاتون کا انتخاب کریں اس بارے پوری دقت کی جائے (اُمَّہٰتُکُمُ الّٰتِیۡۤ اَرۡضَعۡنَکُمۡ وَ اَخَوٰتُکُمۡ مِّنَ الرَّضَاعَۃِ)۔ اپنی بیوی کی ان بیٹیوں کو جو اس کے سابق شوہر سے ہیں اور جو آپ کے گھر میں رہتی ہیں اپنی بیٹیوں کی مانند سمجھو اور ان کے سرپرست بنو(وَ رَبَآئِبُکُمُ الّٰتِیۡ فِیۡ حُجُوۡرِکُمۡ)۔ دو بہنوں کے ساتھ ایک ہی وقت میں شادی کرنے سے منع کا حکم سابقہ دور پر لاگو نہ ہوگا (اِلَّا مَا قَدۡ سَلَفَ) جن لوگوں نے دو بہنوں کے ساتھ ایک ہی وقت میں شادی کرنے سے منع کے قانون سے پہلے دو بہنوں سے شادی کی ہے ان پر گناہ نہیں۔ اس قانون کے اعلان کے بعد وہ ان میں سے ایک کو رکھیں اور ایک کو چھوڑ دیں۔ قرآن مجید میں گھرانے کے مسائل بارے خصوصی رہنمائی دی گئی ہے، ان میں سے بعض معروف امور کو اس جگہ بیان کرتے ہیں: ہمسر کے انتخاب میں اس کی سوچ اور ایمان اہم ہے، شکل و صورت، سرمایہ، مال و دولت اور نام و نمود اہم نہیں (لَاَمَۃٌ مُّؤۡمِنَۃٌ خَیۡرٌ مِّنۡ مُّشۡرِکَۃٍ)(بقرہ، ۲۲۱)۔ ہمسر کا خاندان اس کی پاکدامنی میں اثر رکھتا ہے (مَا کَانَ اَبُوۡکِ امۡرَ اَ سَوۡءٍ وَّ مَا کَانَتۡ اُمُّکِ بَغِیًّا)’’مریم، ۲۸‘‘ حق مہر کی مقدار اتنی ہو کہ شوہر مالی مشکلات سے دوچار نہ ہو (وَ مَاۤ اُرِیۡدُ اَنۡ اَشُقَّ عَلَیۡکَ)’’قصص، ۲۷‘‘ جنسی تعلق ذخیرہ آخرت اور نیک اولاد کا وسیلہ ہے۔ بغیر کسی مقصد و ہدف کے فقط شہوت پوری کرنا صحیح نہیں۔ اسلام جنسی تعلق میں ہدف کو پیش نظر رکھنے کا حکم دیتا ہے (فَاۡتُوۡا حَرۡثَکُمۡ اَنّٰی شِئۡتُمۡ ۫ وَ قَدِّمُوۡا لِاَنۡفُسِکُمۡ)’’بقرہ، ۲۲۳‘‘ عورت مرد کی کفالت میں ہوتی ہے اس کی زندگی کے تمام اخراجات مرد پورا کرتا ہے (اَلرِّجَالُ قَوّٰمُوۡنَ عَلَی النِّسَآءِ بِمَا فَضَّلَ اللّٰہُ بَعۡضَہُمۡ عَلٰی بَعۡضٍ وَّ بِمَاۤ اَنۡفَقُوۡا مِنۡ اَمۡوَالِہِمۡ)’’نسا، ۳۴‘‘ بیوی کے ساتھ اچھے انداز میں زندگی گزارنی چاہیے (عَاشِرُوۡہُنَّ بِالۡمَعۡرُوۡفِ)’’نسا،۱۹‘‘ مائیں پورے دو سال بچوں کو دودھ پلائیں (حَوۡلَیۡنِ کَامِلَیۡنِ)’’بقرہ، ۲۳۳‘‘۔ مرد اپنی درآمد کے مطابق بیوی پر خرچ کرے۔ جتنی اس کی درآمد ہے اسی کے مطابق خرچ کرے (عَلَی الۡمُوۡسِعِ قَدَرُہٗ وَ عَلَی الۡمُقۡتِرِ قَدَرُہٗ)’’بقرہ، ۲۳۶‘‘ اگر گھرانہ میں نفرت اور اختلاف پیدا ہوجانے کا خوف ہو تو نیک دوستوں کے ذریعہ اس معاملہ کو حل کریں۔ ایسے مسائل کو اغیار کے ذریعہ حل نہ کرو (فَابۡعَثُوۡا حَکَمًا مِّنۡ اَہۡلِہٖ وَ حَکَمًا مِّنۡ اَہۡلِہَا)’’نسا، ۳۵‘‘ مرد اور عورت ایک دوسرے کے لیے لباس ہیں۔ لہذا ان پر لازم ہے کہ وہ ایک دوسرے کی حفاظت کریں (ہُنَّ لِبَاسٌ لَّکُمۡ وَ اَنۡتُمۡ لِبَاسٌ لَّہُنَّ)’’بقرہ، ۱۸۷‘‘ قرآن کریم نے عورتوں کو مختلف نصیحتیں کی ہیں جن میں: عفت و پردہ کا لحاظ رکھنا، زیب کی جگہوں کو ڈھانپنا، دلفریب بات نہ کرنا، حیا کے ساتھ چلنا اور مردوں کے ساتھ میل جول نہ رکھنا شامل ہے، جن کا ذکر مختلف آیات میں کیا گیا ہے۔
اوپر تک سکرول کریں۔