تلاوت قرآن

سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 142 تا 145
۞ سَيَقُولُ ٱلسُّفَهَآءُ مِنَ ٱلنَّاسِ مَا وَلَّىٰهُمۡ عَن قِبۡلَتِهِمُ ٱلَّتِي كَانُواْ عَلَيۡهَاۚ قُل لِّلَّهِ ٱلۡمَشۡرِقُ وَٱلۡمَغۡرِبُۚ يَهۡدِي مَن يَشَآءُ إِلَىٰ صِرَٰطٖ مُّسۡتَقِيمٖ ١٤٢ وَكَذَٰلِكَ جَعَلۡنَٰكُمۡ أُمَّةٗ وَسَطٗا لِّتَكُونُواْ شُهَدَآءَ عَلَى ٱلنَّاسِ وَيَكُونَ ٱلرَّسُولُ عَلَيۡكُمۡ شَهِيدٗاۗ وَمَا جَعَلۡنَا ٱلۡقِبۡلَةَ ٱلَّتِي كُنتَ عَلَيۡهَآ إِلَّا لِنَعۡلَمَ مَن يَتَّبِعُ ٱلرَّسُولَ مِمَّن يَنقَلِبُ عَلَىٰ عَقِبَيۡهِۚ وَإِن كَانَتۡ لَكَبِيرَةً إِلَّا عَلَى ٱلَّذِينَ هَدَى ٱللَّهُۗ وَمَا كَانَ ٱللَّهُ لِيُضِيعَ إِيمَٰنَكُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ بِٱلنَّاسِ لَرَءُوفٞ رَّحِيمٞ ١٤٣ قَدۡ نَرَىٰ تَقَلُّبَ وَجۡهِكَ فِي ٱلسَّمَآءِۖ فَلَنُوَلِّيَنَّكَ قِبۡلَةٗ تَرۡضَىٰهَاۚ فَوَلِّ وَجۡهَكَ شَطۡرَ ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِۚ وَحَيۡثُ مَا كُنتُمۡ فَوَلُّواْ وُجُوهَكُمۡ شَطۡرَهُۥۗ وَإِنَّ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ لَيَعۡلَمُونَ أَنَّهُ ٱلۡحَققُّ مِن رَّبِّهِمۡۗ وَمَا ٱللَّهُ بِغَٰفِلٍ عَمَّا يَعۡمَلُونَ ١٤٤ وَلَئِنۡ أَتَيۡتَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ بِكُلِّ ءَايَةٖ مَّا تَبِعُواْ قِبۡلَتَكَۚ وَمَآ أَنتَ ببِتَابِعٖ قِبۡلَتَهُمۡۚ وَمَا بَعۡضُهُم بِتَابِعٖ قِبۡلَةَ بَعۡضٖۚ وَلَئِنِ ٱتَّببَعۡتَ أَهۡوَآءَهُم مِّنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَكَ مِنَ ٱلۡعِلۡمِ إِنَّكَ إِذٗا لَّمِنَ ٱٱلظَّٰلِمِينَ ١٤٥
ترجمہ
ناسمجھ لوگ عنقریب یہ بات کہیں گے کہ کس چیز نے مسلمانوں کا رخ بیت المقدس سے موڑ دیا ـاور کعبہ کی طرف رخ کرلیا)؟ ان سے کہہ دیں کہ مشرق اور مغرب اللہ کا ہے، وہ جسے چاہے صراط مستقیم کی ہدایت دیتا ہے۔(۱۴۲) اور اسی وجہ سے ہم نے تمہیں امت وسط قرار دیا ہے تاکہ تم لوگوں پر گواہ بنو اور پیغمبر بھی تمہارے اوپر گواہ ہوگا، جس قبلہ پر تم کچھ عرصہ پہلے تھے اسے ہم نے فقط اس لیے قبلہ بنایا تاکہ پیغمبر کی پیروی کرنے والے ان سے علیحدہ ہوجائیں جو پیغمبر کی پیروی نہیں کرتے، قبلہ کی تبدیلی ایک مشکل امر تھا سوائے ان کے واسطے جنہیں اللہ نے ہدایت دی ہے اور اللہ ہرگز ان کے ایمان کو ضائع نہیں کرے گا کیونکہ اللہ لوگوں پر مہربان اور رحیم ہے۔(۱۴۳) (اے پیغمبر!) ہم دیکھتے ہیں کہ تم وحی کے انتظار میں کس طرح آسمان کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہو، اب تجھے اس قبلہ کی جانب موڑ رہے ہیں کہ جس سے تم خوش ہو گے پس تم اپنا رخ مسجد الحرام کی جانب کرلو اور تم اے مسلمانو! جہاں بھی ہو اپنے چہرے کا رخ اس کی جانب پھر لو، وہ لوگ جن کو کتاب دی گئی ہے وہ یہ جانتے ہیں کہ یہ فرمان برحق ہے جو رب کی جانب سے صادر ہوا ہے، اللہ ان کے اعمال سے غافل نہیں ہے۔(۱۴۴) (اے پیغمبر!) اہل کتاب کے اس گروہ کے لیے جو بھی نشانی اور دلیل لے آؤ تو وہ تیرے قبلہ کی جانب رخ نہیں کریں گے اور تم بھی ان کے قبلہ کی طرف رخ کرنے والے نہیں ہو جس طرح ان سے کوئی ایک دوسرے کے قبلہ کی جانب رخ نہ کرے گا، (وحی کے ذریعہ) جو علم تم تک آچکا ہے اس کے بعد اگر تم ان کی خواہشات کی پیروی کرو گے تو بلاشک اس صورت میں ستمگروں سے ہو گے۔(۱۴۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۴۲:

بعثت کے بعد رسول اکرم ﷺ اور مسلمان تیرہ سال تک مکہ میں تھے تو کعبہ کی جانب رخ کر کے نماز نہیں پڑھتے تھے، لیکن ہجرت کے بعد جب مدینہ آگئے تو یہودیوں نے مسلمانوں پر طنز کیا اور کہنے لگے کہ مسلمان تو ہمارے قبلہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے ہیں، تمہارا تو قبلہ ہی نہیں ہے، اس طرح تم ہمارے پیچھے چل رہے ہو، تمہارا استقلال نہیں۔ پیغمبراکرمﷺ ان کے اس گستاخانہ رویہ سے رنجیدہ تھے۔ لہذا نماز پڑھتے وقت آسمان کی طرف نگاہ کرتے تھے۔ ایسا لگتا تھا کہ گویا وحی کے نزول کا انتظار کررہے ہیں تاکہ قبلہ کی تبدیلی کا فرمان آجائے۔ ایک دن پیغمبر اکرمﷺنے ظہر کی نماز کی دو رکعتیں بیت المقدس کی طرف رخ کر کے ادا کیں کہ اسی وقت جبرائیل امین کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے حکم ہوا اور اس نے اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق آنحضرتﷺ کے بازو کو پکڑا اور آپ کا رخ کعبہ کی طرف پھیر دیا۔ اس طرح پیغمبراکرمﷺنے ایک نماز کو دو قبلوں کی جانب رخ کرکے ادا کیا۔ مدینہ میں جہاں قبلہ کی تبدیلی کا حکم نازل ہوا وہاں پر مسجد بنائی گئی۔ اس کا نام مسجد قبلتین ہے۔ اس کے بعد یہودیوں نے اپنی عادت کے مطابق پھر اعتراض کرنا شروع کردیا اور جو کل تک یہ کہہ رہے تھے کہ مسلمانوں میں استقلال نہیں اور وہ ہمارے تابع ہیں۔ اب وہی لوگ کہنے لگے کہ تم نے سابقہ پیغمبروں کے قبلہ کو کیوں تبدیل کردیا؟ پیغمبراکرمﷺ کو حکم دیا گیا کہ ان کے جواب میں کہو کہ مشرق اور مغرب اللہ تعالیٰ ہی کا ہے، اللہ تعالیٰ کے لیے کوئی خاص جگہ نہیں، بیت المقدس بھی اللہ کا ہے اور کعبہ بھی اللہ کا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فرمان پر اعتراض بے وقوفی اور حماقت ہے (سَیَقُوۡلُ السُّفَہَآءُ)۔ مسلمانوں کو جھوٹے پروپیگنڈے سے اثر نہیں لینا چاہیے بلکہ خود کو مخالفین کے بے جاسوالات اور اعتراضات کا جواب دینے کے لیے آمادہ رکھیں (سَیَقُوۡلُ ۔۔۔قُلۡ)۔ سوال کرنے پر اعتراض نہیں بلکہ سوال کرنے والے کے رویہ پر اعتراض ہوتا ہے۔بعض لوگ بات سمجھنے کے لیے سوال نہیں کرتے بلکہ بات کو بگاڑنے کے لیے سوال پوچھ رہے ہوتے ہیں۔ وہ در حقیقت اشکال اور اعتراض کرنے کے لیے سوال کرتے ہیں(مَا وَلّٰىہُمۡ عَنۡ قِبۡلَتِہِمُ)۔ جگہوں کی قداست اور دنوں کا تقدس اللہ تعالیٰ کی توجہ اور عنایت پر منحصر ہے، اس کے سواء تقدس کے لیے کوئی اور حیثیت نہیں (لِلّٰہِ الۡمَشۡرِقُ وَ الۡمَغۡرِبُ)۔

آیت ۱۴۳:

عبادت کے دوران عیسائی بیت المقدس میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش کی طرف رخ کر کے کھڑے ہوتے کہ وہ ان کی رہائش گاہ کے مشرق میں واقع تھی اور یہودی بیت المقدس کی طرف رخ کر کے عبادت کرتے تھے جو ان کی رہائش گاہ کے مغرب میں تھا۔ لیکن کعبہ ان کے وسط میں واقع ہے، قرآن مجید اس موضوع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرماتا ہے: جس طرح ہم نے کعبہ کو وسط میں قرار دیا ہے اسی طرح اے مسلمانو! ہم نے تمہیں بھی امت وسط قرار دیا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: جس امت کے بعض افراد اس لائق نہیں کہ وہ دنیا میں عدالتوں میں گواہی دیں کس طرح وہ اس قابل ہوسکتے ہیں کہ قیامت کے دن تمام لوگوں پر گواہ ہوں؟ بہرحال اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں گواہ ہونے کا مقام و مرتبہ اور وہ بھی سب لوگوں پر گواہ ہونا یہ امت کے بعض افراد کے لیے ہے، سب کے لیے نہیں۔ یہاں پر یہ سوال کیا جاسکتا ہے کہ پھر اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کا نام کیوں نہیں لیا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ قرآن مجید میں امت کے حوالے سے کسی ایک فرد کا نام لے کر اسے پوری امت قرار دیا ہے گیا(اِنَّ اِبۡرٰہِیۡمَ کَانَ اُمَّۃً قَانِتًا لِّلّٰہِ)’’نحل، ۱۲۰‘‘۔ قبلہ کی تبدیلی کا فلسفہ: قبلہ کی تبدیلی کےفلسفہ بارے متعدد وجوہات بیان ہوئی ہیں۔ ان میں سے کچھ یہ ہیں: ابتدا میں مسلمانوں کو اس لیے بیت المقدس کی طرف رخ کرکے عبادت کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ یہودیوں کو اپنے ساتھ ملایا جاسکے۔لیکن جب مسلمان طاقتور ہوگئے تو پھر انہیں بیت المقدس کو اپنا قبلہ قرار دینے کی ضرورت نہ تھی۔ کچھ نے کہا ہے کہ مکہ اور وطن سے تعلق اس بات کا سبب بنا کہ بیت المقدس سے قبلہ تبدیل کر کے کعبہ کی طرف کیا جائے ۔ لیکن یہ وجوہات خیالی اور حقیقت کے خلاف ہیں۔ اس بارے حکمت کا علم اللہ تعالیٰ کو ہے۔ اس حوالے سے قرآن مجید میں واضح الفاظ میں بیان ہوا ہے کہ قبلہ کی تبدیلی مسلمانوں کی آزمائش تھی تاکہ پیغمبراکرمﷺ کے حقیقی پیروکار معلوم ہوجائیں۔ کیونکہ جن کا ایمان خالص نہیں وہ قبلہ کی تبدیلی کا حکم آتے ہی اس پر سوالات اٹھانا شروع کریں گے اور کہیں گے کہ اگر سابقہ حکم صحیح تھا تو پھر نیا فرمان کس لیے آیا؟ اور اگر سابقہ حکم درست نہ تھا تو اس کا حکم کیوں دیا گیا؟ اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کو بشارت دی ہے جو اس کے احکام کے سامنے سراپا تسلیم ہیں اور ان سے کہا ہے کہ تمہاری سابقہ عبادت جو بیت المقدس کی طرف رخ کرکے انجام پائی ہے وہ صحیح اور اللہ کے ہاں قبول ہے۔ کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق انجام دی گئی ہے۔ اس کے بعد کعبہ کی طرف رخ کر کے عبادت کرنا بھی صحیح ہو گا کہ یہ بھی اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق ہے۔ پیغمبر اور اولیاء ہمارے اعمال کے نگہبان ہیں (لِتَکُوۡنُوۡا شُہَدَآءَ عَلَی النَّاسِ وَ یَکُوۡنَ الرَّسُوۡلُ عَلَیۡکُمۡ شَہِیۡدًا)۔ انسانوں کی آزمائش اور امتحان اللہ تعالیٰ کا حتمی قانون اور سنت ہے۔ وہ بعض دفعہ قبلہ کی تبدیلی کا حکم دے کر لوگوں کا امتحان لیتا ہے (لِنَعۡلَمَ مَنۡ یَّتَّبِعُ الرَّسُوۡلَ۔۔۔)۔ دینی دستورات کی پیروی کرنا رشد و کمال کا سبب ہے اور دستورات دینی کی خلاف ورزی رجعت پسندی اور پسماندگی ہے (یَنۡقَلِبُ عَلٰی عَقِبَیۡہِ)۔ خود کو اللہ تعالیٰ کے فرمان کی پیروی کے سواء کسی اور چیز کا عادی نہ بنائیں تاکہ اگر اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی ایسا فرمان آجائے جو ہماری عادت یا مزاج کے خلاف ہو تو اس پر عمل کرنے سے گریز کرنے کے لیے بہانے تراشنے کے درپے ہونا پڑے (لِنَعۡلَمَ مَنۡ یَّتَّبِعُ الرَّسُوۡلَ مِمَّنۡ یَّنۡقَلِبُ عَلٰی عَقِبَیۡہِ)۔ عام لوگوں کے لیے تسلیم کا مقام بہت سنگین ہوتا ہے (لَکَبِیۡرَۃً) فقط وہ لوگ اس مقام کو پالیتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ کی خاص ہدایت نصیب ہوتی ہے (اِلَّا عَلَی الَّذِیۡنَ ہَدَی اللّٰہُ)۔ نئے آنے والے قوانین اور ضوابط گزرے ہوئے ادوار کو شامل نہیں ہوتے۔ اگر قبلہ کی تبدیلی کا حکم صادر ہوتا ہے تو پہلے والی نمازیں جو بیت المقدس کی جانب رخ کر کے پڑھی گئیں وہ صحیح ہیں اور نئے حکم کے مطابق آئندہ نئے قبلہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنا ہوگی (وَ مَا کَانَ اللّٰہُ لِیُضِیۡعَ اِیۡمَانَکُمۡ)۔ تمام تبدیلیاں چاہے تکوینی ہوں یا تشریعی وہ سب اللہ تعالٰی کی رحمت و مہربانی کی بنا پر صادر ہوتی ہیں (لَرَءُوۡفٌ رَّحِیۡمٌ)۔

آیت ۱۴۴:

اہل کتاب یہودیوں اور عیسائیوں نے اپنی کتابوں میں پڑھا تھا کہ پیغمبراسلامﷺ دو قبلوں کی طرف رخ کرکے نماز پڑھیں گے لیکن انہوں نے اس حقیقت کو چھپایا یا بے جا سوالات کر کے شک و شبہ پیدا کرکے تخریبی کردار ادا کررہے تھے۔ احکام اللہ تعالیٰ کی جانب سے وضع کئے جاتے ہیں، پیغمبر اپنی طرف سے کوئی دستور جاری نہیں کرتے (فَوَلُّوۡا)۔ اللہ تعالیٰ اپنے رسول کی رضا چاہتا ہے، اللہ تعالیٰ کی رضا اس کے رسول کی رضا میں ہے (قِبۡلَۃً تَرۡضٰہَا)۔ قرآن مجید نے ایسے دانشمندوں کو خبردار کیا ہے جو حقیقت جانتے ہوئے اس پر عمل نہیں کرتے (لَیَعۡلَمُوۡنَ اَنَّہُ الۡحَقُّ۔۔۔وَ مَا اللّٰہُ بِغَافِلٍ عَمَّا یَعۡمَلُوۡنَ)۔

آیت ۱۴۵:

اس آیت میں اہل کتاب کی ضد اور ان کی ہٹ دھرمی سے پردہ ہٹایا گیا ہے اور قسم اٹھا کر کہا گیا ہے کہ ان کے لیے جو بھی دلیل آجائے، معجزہ لایا جائے تو وہ اسلام نہیں لائیں گے اور اسلام کے قبلہ کی پیروی نہ کریں گے کیونکہ وہ حقیقت سے آگاہ ہیں لیکن اس کے باوجود اس کا انکار کر رہے ہیں۔ قرآن مجید میں پیغمبر کو اس لیے خبردار کیا گیا ہے تاکہ اولیاء الٰہی کے متعلق غلو سے روکا جائے اور ماضی میں بعض اولیاء کی طرف خدا ہونے کی نسبت کا سد باب کیا جاسکے جیسا کہ بعض ادیان کے پیروکاروں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو خدا کا بیٹا کہا یا بعض دیگر نے فرشتوں کواللہ تعالیٰ کی بیٹیاں کہا۔ تعصب،ضد اور ہٹ دھرمی، حق پر مبنی صحیح سوچ اور درست استدلال کے لیے رکاوٹ ہے، خود وہ بھی آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ ضد اور ہٹ دھرمی کرتے ہیں (مَا تَبِعُوۡا قِبۡلَتَکَ ۔۔۔ وَ مَا بَعۡضُہُمۡ بِتَابِعٍ قِبۡلَۃَ بَعۡضٍ)۔ مخالفین کے شور شرابا اور بے جا اعتراضات کے آگے تسلیم نہ ہوں، دشمن کو مایوس کرنے کے لیے فیصلہ کن بات کرنا لازم ہے (وَ مَاۤ اَنۡتَ بِتَابِعٍ)۔ ہدایت پانے کے لیے صرف علم کافی نہیں بلکہ حق کو قبول کرنے کا مزاج بھی لازمی ہے، جس کا مزاج حق کو تسلیم کرنے والا نہ ہو اسے فقط علم ہدایت نہیں دے سکتا، یہودیوں کے پاس آسمانی کتاب تھی لیکن ان کے بے جا تعصب کی وجہ سے اس علم نے انہیں کچھ فائدہ نہ دیا (اَہۡوَآءَہُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَکَ مِنَ الۡعِلۡمِ)۔ وہی قوانین قبول ہیں اور ان کی پیروی کی جاسکتی ہےجو نفسانی خواہشات سے بالاتر ہوں اور علم کی بنیاد پر ہوں (وَ لَئِنِ اتَّبَعۡتَ اَہۡوَآءَہُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَکَ مِنَ الۡعِلۡمِ)۔ قانون سب کے لیے یکساں ہوتا ہے، بالفرض اگر پیغمبر نفسانی خواہشات کے تابع ہوں تو ان کی بھی گرفت ہو گی (اِنَّکَ اِذًا)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 146 تا 153
ٱلَّذِينَ ءَاتَيۡنَٰهُمُ ٱلۡكِتَٰبَ يَعۡرِفُونَهُۥ كَمَا يَعۡرِفُونَ أَبۡنَآءَهُمۡۖ وَإِنَّ فَرِيقٗا مِّنۡهُمۡ لَيَكۡتُمُونَ ٱلۡحَقَّ وَهُمۡ يَعۡلَمُونَ ١٤٦ ٱلۡحَقُّ مِن رَّبِّكَ فَلَا تَكُونَنَّ مِنَ ٱلۡمُمۡتَرِينَ ١٤٧ وَلِكُلّٖ وِجۡهَةٌ هُوَ مُوَلِّيهَاۖ فَٱسۡتَبِقُواْ ٱلۡخَيۡرَٰتِۚ أَيۡنَ مَا تَكُونُواْ يَأۡتِ بِكُمُ ٱللَّهُ جَمِيعًاۚ إِنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ ١٤٨ وَمِنۡ حَيۡثُ خَرَجۡتَ فَوَلِّ وَجۡهَكَ شَطۡرَ ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِۖ وَإِنَّهُۥ لَلۡحَقُّ مِن رَّبِّكَۗ وَمَا ٱللَّهُ بِغَٰفِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُونَ ١٤٩ وَمِنۡ حَيۡثُ خَرَجۡتَ فَوَلِّ وَجۡهَكَ شَطۡرَ ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِۚ وَحَيۡثُ مَا كُنتُمۡ فَوَلُّواْ وُجُوهَكُمۡ شَطۡرَهُۥ لِئَلَّا يَكُونَ لِلنَّاسِ عَلَيۡكُمۡ حُجَّةٌ إِلَّا ٱلَّذِينَ ظَلَمُواْ مِنۡهُمۡ فَلَا تَخۡشَوۡهُمۡ وَٱخۡشَوۡنِي وَلِأُتِمَّ نِعۡمَتِي عَلَيۡكُمۡ وَلَعَلَّكُمۡ تَهۡتَدُونَ ١٥٠ كَمَآ أَرۡسَلۡنَا فِيكُمۡ رَسُولٗا مِّنكُمۡ يَتۡلُواْ عَلَيۡكُمۡ ءَايَٰتِنَا وَيُزَكِّيكُمۡ وَيُعَلِّمُكُمُ ٱلۡكِتَٰبَ وَٱلۡحِكۡمَةَ وَيُعَلِّمُكُم مَّا لَمۡ تَكُونُواْ تَعۡلَمُونَ ١٥١ فَٱذۡكُرُونِيٓ أَذۡكُرۡكُمۡ وَٱشۡكُرُواْ لِي وَلَا تَكۡفُرُونِ ١٥٢ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱسۡتَعِينُواْ بِٱلصَّبۡرِ وَٱلصَّلَوٰةِۚ إِنَّ ٱللَّهَ مَعَ ٱلصَّٰبِرِينَ ١٥٣
ترجمہ
وہ لوگ جن کو ہم نے کتاب دی ہے وہ پیغمبر کے بارے اس طرح واقف ہیں جس طرح و ہ اپنے بیٹوں کو جانتے ہیں، ان سے ایک گروہ ایسا ہے جو حق کو جانتے ہوئے اسے چھپاتے ہیں۔(۱۴۶) حق تو ایسی چیز ہے جو تیرے رب کی طرف سے ہے لہذا اس کے بارے آپ ہر گز شک و تردید کرنے والوں سے نہ بنیں۔(۱۴۷) اور ہر امت کا قبلہ ہے جس کی سمت وہ رخ کرتے ہیں لہذا (قبلہ کے متعلق گفتگو کرنے کی بجائے) نیکیوں اور اچھے اعمال انجام دینے میں ایک دوسرے سے سبقت لو، تم جس جگہ بھی ہو اللہ تم سب کو محشر میں حاضر کرے گا، بتحقیق اللہ ہر کام پر قادر ہے۔(۱۴۸) اور جب تم (سفر کی نیت سے شہر سے) خارج ہوجاؤ تو (نماز کی حالت میں) اپنا چہرہ مسجد الحرام کی طرف پھیر دو، یہ تیرے پروردگار کی جانب سے حق پر مبنی دستور ہے اور خدا اس سے غافل نہیں جو کچھ تم انجام دیتے ہو۔(۱۴۹) اور جب تم (سفر کی نیت سے شہر سے) خارج ہوجاؤ تو (نماز کی حالت میں) اپنا چہرہ مسجد الحرام کی طرف پھیر دو اور تم بھی اے مسلمانو!جہاں پر بھی موجود ہو اپنے چہرے کو اسی طرف پھیر دو تاکہ لوگوں کے پاس تمہارے خلاف کوئی دلیل و ثبوت نہ ہو لیکن جو ستمگار اور ہٹ دھرم ضدی ہیں تم اس سے مت ڈرو، تم فقط مجھ سے ڈرو(یہ جان لو کہ قبلہ کی تبدیلی اس لیے ہوئی)تا کہ میں تم پر اپنی نعمت پوری کردوں اور یہ کہ تم ہدایت پاجاؤ۔(۱۵۰) جس طرح تمہاری ہدایت کے لیے تمہارے درمیان رسول کو بھیجا جو خود تم میں سے تھا تاکہ وہ ہماری آیات کو تمہارے لیے پڑھے اور تمہیں پاکیزہ بنائے اور تمہیں کتاب اور حکمت کی تعلیم دے اور جسے تم جان نہیں سکتے تھے وہ تمہیں تعلیم دے۔(۱۵۱) پس تم مجھے یاد کرو تاکہ میں تمہیں یاد کروں اور میرا شکر بجا لاؤ اور کفران مت کرو۔(۱۵۲) اے وہ جو ایمان لاچکے ہو! (زندگی کی مشکلات میں) صبر اور نماز سے مدد لو، بلاشک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔(۱۵۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۴۶:

قرآن مجید میں چند مرتبہ اس حقیقت کو بیان کیا گیا ہے کہ اہل کتاب اس حوالے سے کہ تورایت و انجیل میں پیغمبر اسلامﷺ کی بعثت بارے بشارتیں موجود تھیں، آپ کی آمد کے منتظر تھے۔ ان آسمانی کتابوں میں پیغمبراسلامﷺ کی خصوصیات کو اس طرح وضاحت کے ساتھ بیان کیا گیا تھا کہ ان خصوصیات کی بنا پر وہ پیغمبراسلامﷺ کی اس طرح معرفت رکھتے تھے جس طرح اپنے بیٹوں کی معرفت رکھتے تھے۔ پیغمبراسلامﷺ کی بعثت کے بعد انہوں نے حقیقت کو جان لیا تھا اور آپ کو پہچان لیا تھا کہ آپ ہی آخری نبی ہیں جن کے بارے میں سابقہ آسمانی کتابوں میں بشارت دی گئی تھی۔ اس بارے ان کو بالکل شک نہ تھا۔ اس کے باوجود ان کی ایک جماعت نے اس کا انکار کردیا اور اس حقیقت پر پردہ ڈال دیا۔ حقیقت کو جاننے کے بعد اس پر پردہ ڈالنا اور اسے چھپانا سب سے بڑا گناہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے افراد کے بارے میں فرما رہا ہے (یَلۡعَنُہُمُ اللّٰہُ وَ یَلۡعَنُہُمُ اللّٰعِنُوۡنَ)’’بقرہ، ۱۵۹‘‘اللہ، فرشتے اور انس و جن ان پر لعنت بھیجتے ہیں۔ جی ہاں! حق کو چھپانا ایسے ہے جس طرح انسان اپنے بیٹے کے بارے خبر کو چھپا دے۔ یہ کتنی بزدلی اور بری بات ہے کہ انسان دنیاوی لذتوں کی خاطر اپنے بچے کا انکار کردے اور کہے کہ یہ میرا بیٹا نہیں۔ اگر حقیقت طلبی کی چاہت موجود نہ ہو تو صرف علم کوئی فائدہ نہیں دیتا۔ اہل کتاب نے رسول اسلامﷺ کی اتنی واضح شناخت اور معرفت کے باوجود آپ کو ماننے سے انکار کردیا (یَعۡرِفُوۡنَ۔۔۔ لَیَکۡتُمُوۡنَ)۔ ہمیں اپنے دشمنوں کے بارے میں بھی انصاف سے کام لینا چاہیے، قرآن مجید نے حق چھپانے کی نسبت تمام اہل کتاب کی طرف نہیں دی بلکہ اس کی نسبت ان کے ایک گروہ کی طرف دی ہے (فَرِیۡقًا مِّنۡہُمۡ لَیَکۡتُمُوۡنَ)۔

آیت ۱۴۷:

حق تو وہی ہے جو لا محدود علم کے سرچشمہ سے صادر ہوا ہے (اَلۡحَقُّ مِنۡ رَّبِّکَ)۔ جوالٰہی دستورات وحی الٰہی یا احادیث سے ثابت ہوں، ان میں انکار کی گنجائش نہیں ہے (فَلَا تَکُوۡنَنَّ مِنَ الۡمُمۡتَرِیۡنَ)۔

آیت ۱۴۸:

خیر کے کاموں میں سبقت لینا ان کی قدر کو بڑھا دیتا ہے۔ قرآن مجید میں خیر کے کاموں کے لیے (سَاٰرِعُوٓا)،(سَاٰبِقُوٓا)اور(فَاسْتَبِقُوا)کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں اور اشیاء کی تعریف میں (یُسٰارِعُوۡنَ فِی الۡخَیۡرٰتِ)’’انبیاء ۹۰‘‘ کی تعبیر استعمال ہوئی ہے، یعنی وہ نیکی کے کاموں میں تیزی دکھاتے ہیں، جلد کرتے ہیں۔ ہر ایک کے لیے قبلہ تھا، قبلہ کا عنوان فقط مسلمانوں سے مخصوص نہیں (وَ لِکُلٍّ وِّجۡہَۃٌ)۔ بے ہودہ گفتگو پر توجہ نہ دیں، تمہای پوری توجہ خیر کے کام کرنے پر ہو (فَاسۡتَبِقُوا الۡخَیۡرٰتِ)۔ مادی امور میں سبقت اور پیش قدمی کی بجائے خیر کے کاموں میں ایک دوسرے پر سبقت لے جاؤ (فَاسۡتَبِقُوا الۡخَیۡرٰتِ)۔

آیت ۱۴۹:

اس آیت سے پہلی والی آیات میں مدینہ شہر والوں کو حکم دیا گیا کہ وہ مسجد الحرام کی سمت رخ کرکے عبادت کریں لیکن اس آیت میں بیان ہوا ہے کہ سفر کے دوران بھی مسجدالحرام کی جانب رخ کرکے نماز پڑھا کرو۔

آیت ۱۵۰:

اس آیت میں مسجدالحرام کی جانب رخ کرکے نماز پڑھنے کا حکم دینے کے بعد بتایا گیا ہےکہ یہ اس وجہ سے ہے کہ پیغمبراکرمﷺ اور مسلمانوں کے خلاف کوئی اعتراض کی زبان نہ کھول سکے۔ ان کے پاس پیغمبراسلامﷺ اور مسلمانوں کے خلاف بات کرنے کا کوئی بہانہ نہ ہو کیونکہ اہل کتاب جانتے تھے کہ پیغمبر اسلامﷺ دو قبلوں کی جانب رخ کر کے نماز پڑھیں گے اور اگر وہ ایسا نہ کرتے تو یہ اعتراض کرتے کہ اے مسلمانو! تمہارے پیغمبر میں وہ اوصاف موجود نہیں جو سابقہ آسمانی کتابوں میں بیان ہوئے ہیں۔ مشرکین بھی کہتے کہ اگر محمدﷺ کی ابراہیمی دین پر توجہ ہے تو وہ حضر ت ابراہیم علیہ السلام نے جو گھر تعمیر کیا تھا اس کی جانب رخ کر کے نماز کیوں نہیں پڑھتے؟ دو ہجری میں قبلہ کی تبدیلی کا فرمان دینے کے بعد اللہ تعالیٰ نے فرمایا: قبلہ کی تبدیلی کے بعد مستقبل میں اللہ تعالیٰ تمہارے لیے اپنی نعمت کو پورا کردے گا۔ آٹھ ہجری میں فتح مکہ کی مناسبت سے قرآن مجید نے فرمایا:(وَ یُتِمَّ نِعۡمَتَہٗ عَلَیۡکَ)’’فتح، ۲‘‘ اللہ مستقبل میں تمہارے اوپر نعمت کو پورا کردے گا۔ جب رسول اللہﷺ نے حجۃ الوداع سے واپسی پر غدیر خم کے مقام پر اپنے بعد معصوم رہبر کا اعلان کیا تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (اَلۡیَوۡمَ اَکۡمَلۡتُ لَکُمۡ دِیۡنَکُمۡ وَ اَتۡمَمۡتُ عَلَیۡکُمۡ نِعۡمَتِیۡ)’’مائدہ ،۳‘‘، آج میں نے اپنی نعمت تمہارے اوپر پوری کردی ہے۔ یہ سب قابل غور اور توجہ طلب ہے۔ قبلہ کے طور پر مسجد الحرام کی طرف لوگوں کے رخ کرنے کو اتمام نعمت کے لیے پہلا قدم قرار دیا اور فتح مکہ کو دوسرے قدم کے طور پر اور غدیر خم میں معصوم رہبر کا تعارف کرانے پر اتمام نعمت کو بیان کیا گیا اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: آج میں نے تم پراپنی نعمت کو پورا کردیا ہے۔ اس کے بعد فرمایا کہ اب تم مخالفین سے مت ڈرو (فَلَا تَخۡشَوۡہُمۡ وَ اخۡشَوۡنِیۡ) کیونکہ یہ احتمال ہے کہ وہ تمہارا مقابلہ کرنے وہ بہانے بنائیں گے اور جھوٹا پروپیگنڈہ کریں گے۔ پیغمبر اکرمﷺ نے حضرت علی علیہ السلام سے فرمایا: (فَانَّمَا مَثَلُکَ فِي الْأُمَّةِ كَمَثَلِ الْكَعْبَةِ نَصَبَھَا اللہُ لِلنَّاسِ عَلَماً ) امت کے درمیان تمہاری مثال کعبہ کی سی ہے، اللہ نے کعبہ کو واضح اور روشن پرچم قرار دیا ہے تاکہ لوگ اپنی سمت اور جہت کو گم نہ کر بیٹھیں، اسی طرح امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: (نَحْنُ كَعْبَةُ اللہِ وَ نَحْنُ قِبْلَةُ اللہ )ہم لوگوں کے درمیان کعبہ اور اللہ تعالیٰ کا قبلہ ہیں۔ مسلمانوں کو ایسا کام انجام دینے سے پرہیز کرنا چاہیے جو ان پر دشمن کی طرف سے اعتراض کرنے کاموقع فراہم کرے (لِئَلَّا یَکُوۡنَ لِلنَّاسِ عَلَیۡکُمۡ حُجَّۃٌ)۔ دوسروں کی بالا دستی کی نفی کرنا اور اپنے لیے استقلال حاصل کرنا ایک قدر و شان ہے (لِئَلَّا یَکُوۡنَ لِلنَّاسِ عَلَیۡکُمۡ حُجَّۃٌ)۔ بیرونی دشمن مسلمانوں کے لیے بڑا خطرہ نہیں، اصل خطرہ انسان کا بے تقویٰ ہونا ہے(فَلَا تَخۡشَوۡہُمۡ وَ اخۡشَوۡنِیۡ)۔ قبلہ کا متعین ہونا اور مسجدالحرام کی جانب رخ کرکے نماز پڑھنا مومنوں کے لیے ہدایت کا سامان ہے (لَعَلَّکُمۡ تَہۡتَدُوۡنَ)۔

آیت ۱۵۱:

پیغمبراسلامﷺ کی بعثت حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا کا اثر ہے کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے یہ دعا کی تھی (وَ ابۡعَثۡ فِیۡہِمۡ رَسُوۡلًا مِّنۡہُمۡ یَتۡلُوۡا عَلَیۡہِمۡ اٰیٰتِکَ)’’بقرہ، ۱۲۹‘‘ اے اللہ! ان کے درمیان پیغمبر کو مبعوث فرما کہ وہ تیری آیات کو پڑھے۔ خود حضوراکرمﷺ نے بھی فرمایا: (أَنَا دَعْوَةُ أَبِي إِبْرَاهِيمَ عَلَيْهِ السَّلاَمُ) میں اپنے باپ ابراہیم علیہ السلام کی دعا کااثر ہوں۔ وہی رہبر کامیاب ہے جو لوگوں سے ہو اور لوگوں کی زبان میں بات کرے (اَرۡسَلۡنَا فِیۡکُمۡ رَسُوۡلًا مِّنۡکُمۡ)۔ تذکیہ تعلیم پر مقدم ہے (یُزَکِّیۡکُمۡ وَ یُعَلِّمُکُمُ)۔ سارے حقائق کی معرفت حاصل کرنے کے لیے انسان وحی کا محتاج ہے (ما لا تعلموۡن)کی بجائے فرمایا: (مَا لَمۡ تَکُوۡنُوۡا تَعۡلَمُوۡنَ) کہ انبیاء نہ ہوتے تو انسان کے لیے اپنے مستقبل اور پوری جہان کے بارے کچھ بھی معلوم کرنے کا ذریعہ نہ ہوتا۔

آیت ۱۵۲:

اللہ تعالیٰ نے سورہ بقرہ کی آیات’’۴۰۔ ۴۷۔۱۲۲‘‘ میں فرمایا:(اذۡکُرُوۡا نِعۡمَتِیَ)میری نعمتوں کو یاد کرو، لیکن اس آیت میں فرمایا: (فَاذۡکُرُوۡنِیۡۤ) تم مجھے یاد کرو، میرا ذکر کرو۔ یہ لوگوں کی معرفت اور آگہی کے درجات و مراتب کے حوالے سے ہے۔ یہ آیت بندوں پر اللہ تعالیٰ کے لا محدود لطف و کرم کو بیان کررہی ہے۔ انسان کی خصوصیات میں سے اس کا فقیر، محتاج اور فانی ہونا ہے۔ کس قدر اس پر اللہ تعالیٰ کا لطف و کرم ہے کہ جو غنی، بے نیاز اور باقی ہے وہ فرماتا ہے کہ اے انسان! تو مجھے یاد کر، میں تجھے یاد کروں گا۔ کیا ایسا نہیں کہ ہمارا اللہ تعالٰی کو یاد کرنا خود اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی توفیق کا نتیجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو یاد کرنا، اس کے ساتھ محبت اور اس کا شکر بجالانے کی علامت ہے اور اللہ تعالیٰ کی بے انتہا قدرت کو یاد کرنا اس پر توکل کرنے کی نشانی ہے؛ اللہ تعالٰی کے علم کو یاد کرنا، حیا ا ور تقویٰ کی ر نشانی ہے، اللہ تعالیٰ کی عدالت کی یاد، اس سے خوف کھانے کی نشانی ہے، اللہ تعالیٰ کی امداد کو یاد کرنا امید کی نشانی ہے۔ اللہ تعالیٰ انسان کو شخصیت دیتا ہے کہ وہ فرماتا ہے: میری یاد میں رہو تاکہ میں تمہیں یاد کروں (فَاذۡکُرُوۡنِیۡۤ اَذۡکُرۡکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کی یاد سے اس کا شکر اور قدردانی کرنے کی راہ ہموار ہوجاتی ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کی یاد سے غفلت کفران نعمت کا سبب ہے (اذۡکُرُوۡنِیۡۤ،وَ اشۡکُرُوۡا لِیۡ وَ لَا تَکۡفُرُوۡنِ)۔

آیت ۱۵۳:

اللہ تعالیٰ کے اس کلام کے مانند اسی سورہ کی آیت ۴۵ میں ہم نے پڑھا کہ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل سے فرمایا: نامناسب حالات اور مشکلات میں صبر اور نماز سے مدد حاصل کرو۔ اس آیت میں مسلمانوں کو دستور دیا ہے کہ زندگی کی مشکلات اور سختیوں میں صبر اور نماز سے مدد لو۔ نعمت ملنے کی حالت میں انسان پہلی آیت پر عمل کرے (اذۡکُرُوۡنِیۡۤ،وَ اشۡکُرُوۡا لِیۡ)اور سختی اور مشکل کے وقت اس آیت پر عمل کرے (اسۡتَعِیۡنُوۡا بِالصَّبۡرِ )۔ نماز مدد لینے کا وسیلہ ہے، بوجھ نہیں (اسۡتَعِیۡنُوۡا بِالصَّبۡرِ وَ الصَّلٰوۃِ )۔ اگرچہ اللہ تعالیٰ سب کے ہمراہ اور ہر جگہ موجود ہے (ہُوَ مَعَکُمۡ اَیۡنَ مَا کُنۡتُمۡ)’’حدید،۴‘‘لیکن اللہ تعالیٰ کا صابروں کے ساتھ ہونے سے مراد صبر کرنےوالوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے مدد ہے (اِنَّ اللّٰہَ مَعَ الصّٰبِرِیۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 154 تا 163
وَلَا تَقُولُواْ لِمَن يُقۡتَلُ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ أَمۡوَٰتُۢۚ بَلۡ أَحۡيَآءٞ وَلَٰكِن لَّا تَشۡعُرُونَ ١٥٤ وَلَنَبۡلُوَنَّكُم بِشَيۡءٖ مِّنَ ٱلۡخَوۡفِ وَٱلۡجُوعِ وَنَقۡصٖ مِّنَ ٱلۡأَمۡوَٰلِ وَٱلۡأَنفُسِ وَٱلثَّمَرَٰتِۗ وَبَشِّرِ ٱلصَّٰبِرِينَ ١٥٥ ٱلَّذِينَ إِذَآ أَصَٰبَتۡهُم مُّصِيبَةٞ قَالُوٓاْ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّآ إِلَيۡهِ رَٰجِعُونَ ١٥٦ أُوْلَٰٓئِكَ عَلَيۡهِمۡ صَلَوَٰتٞ مِّن رَّبِّهِمۡ وَرَحۡمَةٞۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡمُهۡتَدُونَ ١٥٧ ۞ إِنَّ ٱلصَّفَا وَٱلۡمَرۡوَةَ مِن شَعَآئِرِ ٱللَّهِۖ فَمَنۡ حَجَّ ٱلۡبَيۡتَ أَوِ ٱعۡتَمَرَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِ أَن يَطَّوَّفَ بِهِمَاۚ وَمَن تَطَوَّعَ خَيۡرٗا فَإِنَّ ٱللَّهَ شَاكِرٌ عَلِيمٌ ١٥٨ إِنَّ ٱلَّذِينَ يَكۡتُمُونَ مَآ أَنزَلۡنَا مِنَ ٱلۡبَيِّنَٰتِ وَٱلۡهُدَىٰ مِنۢ بَعۡدِ مَا بَيَّنَّٰهُ لِلنَّاسِ فِي ٱلۡكِتَٰبِ أُوْلَٰٓئِكَ يَلۡعَنُهُمُ ٱللَّهُ وَيَلۡعَنُهُمُ ٱللَّٰعِنُونَ ١٥٩ إِلَّا ٱلَّذِينَ تَابُواْ وَأَصۡلَحُواْ وَبَيَّنُواْ فَأُوْلَٰٓئِكَ أَتُوبُ عَلَيۡهِمۡ وَأَنَا ٱلتَّوَّابُ ٱلرَّحِيمُ ١٦٠ إِنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ وَمَاتُواْ وَهُمۡ كُفَّارٌ أُوْلَٰٓئِكَ عَلَيۡهِمۡ لَعۡنَةُ ٱللَّهِ وَٱلۡمَلَٰٓئِكَةِ وَٱلنَّاسِ أَجۡمَعِينَ ١٦١ خَٰلِدِينَ فِيهَا لَا يُخَفَّفُ عَنۡهُمُ ٱلۡعَذَابُ وَلَا هُمۡ يُنظَرُونَ ١٦٢ وَإِلَٰهُكُمۡ إِلَٰهٞ وَٰحِدٞۖ لَّآ إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ٱلرَّحۡمَٰنُ ٱلرَّحِيمُ ١٦٣
ترجمہ
وہ لوگ جو راہ خدا میں قتل کردیے جاتے ہیں، تم انہیں مردہ مت کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کو سمجھتے نہیں ہو۔(۱۵۴) یقینی طور پر ہم تمہیں ڈر و خوف، بھوک و افلاس، مالی نقصان، جانی نقصان اور فصلوں کی کمی سے آزمائیں گے، ان (مشکلات پر) صبر کرنے والوں کو بشارت دو۔(۱۵۵) وہ لوگ کہ جب ان پر مصیبت آتی ہے تو وہ کہتے ہیں: ہم اللہ کی جانب سے آئے ہیں اور اللہ کی طرف ہم نے پلٹ کر جانا ہے۔(۱۵۶) ایسے افراد پر ان کے رب کی جانب سے صلوات اور رحمت ہے اور یہی افراد ہدایت یافتہ ہیں۔(۱۵۷) بتحقیق صفا و مروہ(پہاڑیاں) اللہ کے شعائر سے ہیں، لہذا جو شخص اللہ کے گھر کا حج کرے یا عمرہ بجالائے تو اس کے لیے کوئی حرج نہیں کہ وہ صفا و مروہ کے درمیان سعی کرے(واجبات کی ادائیگی کے علاوہ) اگر کوئی رضاکارانہ طور پر اچھائی کا کام کرے تو بلاشک اللہ قدردان اور آگاہ ہے۔(۱۵۸) وہ لوگ جو واضح دلائل اور روشن رہنمائیاں جو ہم نے نازل کی ہیں باوجود اس کے کہ ہم نے آسمانی کتابوں میں لوگوں کے لیے نشانیاں بیان کردی ہیں وہ اسے چھپائیں تو اللہ ایسے افراد پر کرتا ہے اور سب لعنت کرنے والے بھی ان پر لعنت کرتے ہیں۔(۱۵۹) مگر وہ جنہوں نے توبہ کر لی اور نیک اعمال بجا لاکر اپنے برے اعمال کی اصلاح کرلی اور جو کچھ انہوں نے چھپایا تھا اسے آشکار کر لیا تو میں اپنا لطف و کرم ان پر پلٹا دوں گا کیونکہ میں تو توبہ قبول کرنے والا مہربان ہوں۔(۱۶۰) جو لوگ کافر ہوگئے اور کفر کی حالت میں دنیا سے چلے گئے، ان پر اللہ، فرشتوں اور لوگوں کی لعنت جاری رہے گی۔(۱۶۱) وہ ہمیشہ اس لعنت کے دائرہ میں ( رب کی رحمت سے دور) رہیں گے، ان کے عذاب سے کچھ کم نہ ہوگا اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی مہلت دی جائےگی۔(۱۶۲) اورتمہارا معبود ایک ہی ہےاس کے سواء کوئی لائق عبادت نہیں ہے، وہ یکتا معبود ہے، وہ بہت بخشنے والا اور بہت ہی مہربان ہے۔(۱۶۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۵۴:

جنگ بدر میں چودہ مسلمان شہید ہوئے۔ ان شہداء کے بارے میں کچھ لوگوں نے جب یہ کہا کہ یہ تو مرگئے تو اس آیت میں ایسی سوچ سے روکا گیا ہے۔ کیونکہ نہ فقط شہداء کا نام زندہ ہے بلکہ ان کے لیے حقیقی برزخی حیات ہے جہاں وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کے سایہ تلے خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کی خصوصیات سورہ آل عمران آیت ۱۶۸ سے ۱۷۰ میں بیان ہوئی ہیں۔ محدود مادی سوچ کو اللہ تعالیٰ اور قیامت پر ایمان لانے کے ذریعہ درست کیا جائے (لَا تَقُوۡلُوۡا)۔ سخت قسم کی مشکلات کے لیے عقیدتی سہارے کی ضرورت ہے، جی ہاں! جو شخص یہ جانتا ہو کہ وہ موت کے بعد بھی زندہ رہے گا تو اس میں شہادت کا جذبہ اور شوق پیدا ہوگا(لَا تَقُوۡلُوۡا۔۔اَمۡوَاتٌ ؕ بَلۡ اَحۡیَآءٌ)۔ دین کی راہ میں جنگ کرنے کی بڑی اہمیت ہے اور یہ قابل قدر عمل ہے (یُقۡتَلُ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ بہت سارے تبصروں اور تجزیوں میں غلطی کا سبب حقائق سے آگاہ نہ ہونا ہے (لَا تَقُوۡلُوۡا ۔۔۔لَا تَشۡعُرُوۡنَ)۔

آیت ۱۵۵:

اللہ تعالیٰ تمام انسانوں کا امتحان لیتا ہے۔یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ انبیاء اور رسولوں کا بھی امتحان لیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے امتحان معرفت اور آگہی حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ انسانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں نکھارنے کے لیے لیے۔ یعنی الٰہی امتحان اور آزمائش اس لیے نہیں کہ اللہ تعالیٰ اس شخص کے بارے میں جاننا چاہتا ہو کہ اس کا ایمان اور عقیدہ کیسا ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ انسانوں کے معنوی مقامات کو بڑھانے اور ان میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان میں نکھار پیدا کرنے کے لیے ان سے امتحان لیتا ہے۔ الٰہی آزمائش کے وسائل ہر قسم کے ہوتے ہیں، بھوک، افلاس، ڈر خوف، مالی بحران،جانی و مالی نقصان،فصلوں کا کم ہوجانا، بازار میں مندی، دشمن کا خوف،معاشی محاصرہ، سوشل بائیکاٹ، جنگ، فتنہ و فساد اور اپنے پیاروں کو دشمن کے مقابلہ کے لیے روانہ کرنا یہ سب الٰہی امتحانات ہیں۔ الٰہی امتحانات اور آزمائشوں میں چند امور کامیابی کا باعث بن سکتے ہیں: ۱۔ صبر اور ثابت قدمی، کہ مشکلات جلد ختم ہوجائیں گی، ماضی میں جو لوگ گزرے انہیں بھی اس قسم کی مشکلات کا سامنا رہا لیکن آخر کار ان ہی کا نام اور کام باقی رہا۔ ۲۔ یہ کہ ہمارے صبر کو اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے۔ جب امام حسین علیہ السلام کے ہاتھوں میں آپ کے شیر خوار بچے کو تیر لگا تو آپ نے فرمایا: (هَوَّنَ عَلَيَّ مَا نَزَل بِی اِنَّہُ بِعَیْنِ اللہ)اس سخت سانحہ اور مصیبت کو برداشت کرنا میرے لیے اس لیے آسان ہے کیونکہ اسے اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے۔ انسانوں کا امتحان اور آزمائش اللہ تعالیٰ کا ایک حتمی اور دائمی قانون ہے (وَ لَنَبۡلُوَنَّکُمۡ)۔ مصائب اور مشکلات رشد اور ارتقاء کا سبب ہیں، رضا، تسلیم، تقویٰ، بردباری، قربانی، صبر جیسے بہت سارے کمالات سختیوں اور مشکلات کے سایہ تلے حاصل ہوتے ہیں (وَ بَشِّرِ الصّٰبِرِیۡنَ)۔

آیت ۱۵۶:

صابر مایوس نہیں ہوتے اور دوسروں کی پناہ میں جانے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آتے ہیں کیونکہ ان کی نظر میں پوری کائنات سبق لینے کی کلاس اور امتحان و آزمائش کا میدان ہے تاکہ اس طرح ان کی ارتقاء ہو جائے۔ دنیا ٹھہرنے کی جگہ نہیں، عیش و آرام کرنے کی جگہ نہیں، انسان کو پیش آنے والے مصائب و مشکلات انسانوں سے اللہ تعالیٰ کی بے توجہی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کو اپنے بندوں سے پیار ہے، وہ اس لیے مصائب او رمشکلات دیتا ہے تاکہ ہمارے پاؤں کے نیچے انگارے پڑے ہوں کہ ہم اس راستہ سے دوڑ کر گزریں، تیز چلیں؛ اگر انسان کے اندر یہ سوچ آجائے تو تلخیاں اور مشکلات کو سہنا آسان ہوگا کیونکہ اس وجہ سے صلاحیتیں آشکار ہوجاتی ہیں اور الٰہی ثوابات کی صورت میں کامیابی ملتی ہے۔ حدیث میں ہے: جب بھی تمہیں کسی مصیبت یا مشکل کا سامنا ہو تو یہ جملہ کہا کرو (اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ)۔ مصائب و مشکلات کے حوالے سے لوگوں کی چند قسمیں ہیں: الف: ایک گروہ وہ ہے جو مصائب آنے اور مشکلات سے دوچار ہونے پر شور و غوغا کرتا ہے، پریشانی کا اظہار کرتا ہے (اِذَا مَسَّہُ الشَّرُّ جَزُوۡعًا)’’معارج، ۲۰‘‘ ب: ایک گروہ وہ ہے جو ایسے موقعوں پر صبر کرتا ہے، بردباری سے مشکلات کا سامنا کرتا ہے (وَ بَشِّرِ الصّٰبِرِیۡنَ)۔ ج: ایک گروہ وہ ہے جو مصائب و مشکلات آنے پر شاکر ہوتا ہے ( حَمدَ الشَّاکِرِینَ لَک عَلَی مُصَابِہِم)۔ جس طرح ایک بچہ پیاز کھانے پر بے چینی کا اظہار کرتا ہے جبکہ نوجوان پیاز کی کڑواہٹ کو برداشت کرتا ہے، شور نہیں مچاتا لیکن جو بڑی عمر کے ہیں وہ پیاز خرید کر اسے کھاتے ہیں۔ صبر کی بنیاد اللہ تعالیٰ اور معاد پر ایمان اور ثواب وصول کرنے کی امید ہے(الصّٰابِرِیۡنَ۔۔۔ قَالُوۡۤا اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ)۔

آیت ۱۵۷:

’’صلوات‘‘صلو سے ہے جس کا معنی نعمت میں وارد ہونا اور رحمت میں داخل ہونا ہے۔ یہ لفظ ’’صلی‘‘ کا الٹ ہے جو قہر و غضب میں وارد ہونے کے معنی میں ہے جیسے سورہ غاشیہ آیت ۴ میں ہے (تَصۡلٰی نَارًا حَامِیَۃً)۔ مشکلات اور مصائب میں صبر کرنے والے مومنین پر خود اللہ تعالیٰ صلوات بھیجتا ہے (صَلَوٰتٌ مِّنۡ رَّبِّہِمۡ) لیکن زکات دینے والے مومنین کے متعلق اللہ تعالیٰ اپنے پیغمبرﷺ کو حکم دیتا ہے کہ وہ ان پر صلوات پڑھیں (صَلِّ عَلَیْہِمۡ) ’’توبہ، ۱۰۳‘‘۔ صابروں پر اللہ تعالیٰ کی صلوات میں یہ تعلیم دی جا رہی ہے کہ اللہ کی راہ میں قربانی دینے والے مجاہدین کا خاص احترام اور مقام ہے، وہ باکرامت اور باوقار ہیں (عَلَیۡہِمۡ صَلَوٰتٌ مِّنۡ رَّبِّہِمۡ)۔ ہدایت کے مختلف مراحل اور مقامات ہیں۔ہدایت یافتہ مومنین ہدایت کے بلند ترین مقام و مرتبہ پر ہیں، وہ صبر کرنے اور صلوات الٰہی وصول کرنے کے بعد اس مقام پر پہنچے ہیں (اُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡمُہۡتَدُوۡنَ)۔

آیت ۱۵۸:

(شَعَآئِر) شعیرہ کی جمع ہے، یہ لفظ ان نشانیوں پر بولا جاتا ہے جو خاص اعمال پر بولی جاتی ہیں۔ ان علامات کو ’’شعائر اللہ‘‘ کہا جاتا ہے جو اللہ تعالٰی کی عبادت کے لیے قرار دی جاتی ہیں۔ شعائر یعنی، علامتیں اور نشانیاں۔ جب کسی جگہ کے متعلق شعائر کی تعبیر استعمال ہوتی ہے تو اس کا معنی یہ ہو گاکہ یہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کی جگہ ہے۔ صفا و مروہ دو پہاڑیاں ہیں جو مسجد الحرام کی ایک جانب میں موجود ہیں۔ ان دونوں کے درمیان ۴۲۸ میٹر کا فاصلہ ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔ اس وقت ان کے درمیان ایسا راستہ بنایا گیا ہے جس کے اوپر چھت ڈالی گئی ہے۔ کعبۃ اللہ کے زائرین پر فرض ہے کہ وہ ان دو پہاڑیوں کے درمیان سات چکر لگائیں۔ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بیوی جناب ہاجرہ کی یاد دلانے کے لیے ہے جس نے اپنے دودھ پینے والے بچے اسماعیل علیہ السلام کے لیے ایک گھونٹ پانی کی تلاش میں ان دو پہاڑیوں کے درمیان سات چکر لگائے۔ زمانہ جاہلیت میں مشرکین نے صفا و مروہ کی پہاڑیوں پر بت رکھ دئے تھے۔ وہ ان دو پہاڑیوں کے درمیان چکر لگاتے وقت ان بتوں کو چھومتے تھے’’برکت کے لیے مسح کرتے تھے‘‘۔ اسی وجہ سے مسلمان ان پہاڑیوں کے درمیان سعی کرنے کو پسند نہیں کرتے تھے اور ان کا خیال تھا کہ ماضی میں ان دو پہاڑیوں پر بتوں کو رکھنے کی وجہ سے ان کے درمیان سعی نہ کی جائے۔ اسی حوالے سے یہ آیت نازل ہوئی اور بتایا گیا کہ صفا و مروہ شعائر الٰہی ہیں۔ اگر جاہل اور کم علم لوگوں نے ان مقدس جگہوں کو آلودہ کیا تھا تو یہ اس بات کی دلیل نہیں کہ مسلمان ان کے درمیان سعی کرنے کو چھوڑ دیں۔ بعض جگہوں پر اللہ تعالیٰ کی خاص توجہ اور عنایت اس بات کا سبب بنتا ہے کہ وہ جگہیں الٰہی شعائر قرار پائیں (اِنَّ الصَّفَا وَ الۡمَرۡوَۃَ مِنۡ شَعَآئِرِ اللّٰہِ)۔ اگر حق کے مراکز آلودہ کئے جائیں تو اس وجہ سے انہیں چھوڑنا ٹھیک نہیں بلکہ ان جگہوں پر حاضرہو کر انہیں پاک کیا جائے اور منحرف جماعت کی ان تک رسائی کو روکا جائے (فَلَا جُنَاحَ عَلَیۡہِ اَنۡ یَّطَّوَّفَ بِہِمَا)۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی عبادتوں کا قدردان اور شاکر ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ شَاکِرٌ عَلِیۡمٌ) یہ تعبیر اللہ تعالیٰ کی طرف سے بندوں پر بہت بڑا لطف و کرم ہے۔

آیت ۱۵۹:

اگرچہ یہ آیت یہود و نصاریٰ کے متعلق ہے کہ وہ تورایت اور انجیل میں موجود حقائق کو بیان نہیں کرتے (یَکۡتُمُوۡنَ) لیکن یہ جملہ ان تمام لوگوں کو شامل ہے جو حقائق کو جانتے ہوئے انہیں چھپاتے ہیں اور انہیں آگے بیان نہیں کرتے۔ یہ سلسلہ پوری تاریخ کو شامل ہے اور اِس وقت بھی ہر اس شخص کو شامل ہے جو حق پر پردہ ڈالتا ہے اور حق کو بیان نہیں کرتا۔ ثقافتی اور تعلیمی ظلم بدترین ظلم ہے، اس پر خالق کی لعنت ہے اور مخلوق کی بھی لعنت ہے (یَکۡتُمُوۡنَ ۔۔۔ یَلۡعَنُہُمُ اللّٰہُ وَ یَلۡعَنُہُمُ اللّٰعِنُوۡنَ)۔ حق کو چھپانا اللہ تعالیٰ کے دین بارے ظلم ہے۔ یہ لوگوں کاحق ہے کہ وہ ہدایت پائیں، اسی وجہ سے حق چھپانے والے پر اللہ تعالیٰ اور بندوں کی لعنت ہے کہ اس وجہ سے بندے ہدایت سے محروم ہوگئے (یَلۡعَنُہُمُ اللّٰہُ وَ یَلۡعَنُہُمُ اللّٰعِنُوۡنَ)۔

آیت ۱۶۰:

حقیقی توبہ دل سے پشیمانی اور عمل کی اصلاح اور جو کچھ گزر چکا اس کی تلافی کرنا ہے۔ جس نے نماز نہیں پڑھی اس کی توبہ یہ ہے کہ دل سے پشیمان ہو اور جو نمازیں نہیں پڑھی اسے ادا کرے۔ جس نے لوگوں کا مال لوٹا ہے اس کی توبہ یہ ہے کہ وہ دل سے پشیمان ہو اور لوٹا ہوا مال مالک کو واپس لوٹائے۔ جس نے حقائق پر پردہ ڈال کر آنے والی نسلوں کی فکر و سوچ کے ساتھ خیانت کی ہے وہ حقائق کو بیان کرکے ماضی کی تلافی کر سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے گنہگاروں کے لیے توبہ کا راستہ کھلا رکھا ہوا ہے(یَلۡعَنُہُمُ اللّٰہُ ۔۔۔اِلَّا الَّذِیۡنَ تَابُوۡا)۔ توبہ کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ کا لطف و کرم اور اس کی دائمی رحمت ہے اور اس میں محبت بھی ساتھ ہے (اَتُوۡبُ عَلَیۡہِمۡ ۚ وَ اَنَا التَّوَّابُ الرَّحِیۡمُ)۔

آیات ۱۶۱ ۔ ۱۶۳:

آیت ۱۶۱میں فرمایا: اگر حقائق چھپانے والے کفر کی حالت میں مرجائیں تو ان پر اللہ تعالیٰ اور لعنت کرنے والوں کی لعنت ہے، لوگ ان کا گریبان پکڑیں گے اور انہیں چھوڑیں گے نہیں! کفر پر باقی رہنا اور اسی حالت پر مرنا اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ہمیشہ دوری کا سبب ہے (مَاتُوۡا وَ ہُمۡ کُفَّارٌ ۔۔۔ عَلَیۡہِمۡ لَعۡنَۃُ اللّٰہِ)۔ انسان کا انجام اور اس کی عاقبت اہمیت رکھتی ہے کہ وہ ایمان کی حالت میں مرا ہے یا کفر کی حالت میں مرا ہے (مَاتُوۡا وَ ہُمۡ کُفَّارٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 164 تا 169
إِنَّ فِي خَلۡقِ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ وَٱخۡتِلَٰفِ ٱلَّيۡلِ وَٱلنَّهَارِ وَٱلۡفُلۡكِ ٱلَّتِي تَجۡرِي فِي ٱلۡبَحۡرِ بِمَا يَنفَعُ ٱلنَّاسَ وَمَآ أَنزَلَ ٱللَّهُ مِنَ ٱلسَّمَآءِ مِن مَّآءٖ فَأَحۡيَا بِهِ ٱلۡأَرۡضَ بَعۡدَ مَوۡتِهَا وَبَثَّ فِيهَا مِن كُلِّ دَآبَّةٖ وَتَصۡرِيفِ ٱلرِّيَٰحِ وَٱلسَّحَابِ ٱٱلۡمُسَخَّرِ بَيۡنَ ٱلسَّمَآءِ وَٱلۡأَرۡضِ لَأٓيَٰتٖ لِّقَوۡمٖ يَعۡقِلُونَ ١٦٤ وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يَتَّخِذُ مِن دُونِ ٱللَّهِ أَندَادٗا يُحِبُّونَهُمۡ كَحُبِّ ٱللَّهِۖ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ أَشَدُّ حُبّٗا لِّلَّهِۗ وَلَوۡ يَرَى ٱلَّذِينَ ظَلَمُوٓاْ إِذۡ يَرَوۡنَ ٱلۡعَذَابَ أَنَّ ٱلۡقُوَّةَ لِلَّهِ جَمِيعٗا وَأَنَّ ٱلللَّهَ شَدِيدُ ٱلۡعَذَابِ ١٦٥ إِذۡ تَبَرَّأَ ٱلَّذِينَ ٱتُّبِعُواْ مِنَ ٱلَّذِينَ ٱتَّبَعُواْ وَرَأَوُاْ ٱلۡعَذَابَ وَتَقَطَّعَتۡ بِهِمُ ٱلۡأَسۡبَابُ ١٦٦ وَقَالَ ٱلَّذِينَ ٱتَّبَعُواْ لَوۡ أَنَّ لَنَا كَرَّةٗ فَنَتَبَرَّأَ مِنۡهُمۡ كَمَا تَبَرَّءُواْ ممِنَّاۗ كَذَٰلِكَ يُرِيهِمُ ٱللَّهُ أَعۡمَٰلَهُمۡ حَسَرَٰتٍ عَلَيۡهِمۡۖ وَمَا هُم بِخَٰرِجِينَ مِنَ ٱلنَّارِ ١٦٧ يَٰٓأَيُّهَا ٱلنَّاسُ كُلُواْ مِمَّا فِي ٱلۡأَرۡضِ حَلَٰلٗا طَيِّبٗا وَلَا تَتَّبِعُواْ خُطُوَٰتِ ٱلشَّيۡطَٰنِۚ إِنَّهُۥ لَكُمۡ عَدُوّٞ مُّبِينٌ ١٦٨ إِنَّمَا يَأۡمُرُكُم بِٱلسُّوٓءِ وَٱلۡفَحۡشَآءِ وَأَن تَقُولُواْ عَلَى ٱللَّهِ مَا لَا تَعۡلَمُونَ ١٦٩
ترجمہ
آسمانوں اور زمین کی خلقت، دن اور رات کی ایک دوسرے کے پیچھے آمد و رفت، کشتیاں جو سمندر میں حرکت کر رہی ہیں تاکہ لوگوں کو فائدہ پہنچائیں اور پانی جس کو اللہ نے آسمان سے اتارا ہے اور اس پانی سے ویران زمین کو آباد کیا ہے اور حرکت کرنے والے جانداروں کو زمین پر پھیلایا ہے، اسی طرح ہواؤں کے چلنے میں، ان کے رخ کو تبدیل کرنے اور زمین و آسمان کے درمیان جو اللہ کے فرمان کے تحت بادل ہیں بلا شک ان میں سوچنے والوں کے لیے واضح نشانیاں ہیں۔(۱۶۴) لوگوں میں سے کچھ ایسے ہیں جنہوں نے اللہ کو چھوڑ کر اپنے لیے دوسرے معبود بنا لیے ہیں اور ان سے اس طرح محبت کرتے ہیں جس طرح اللہ سے محبت کی جانی چاہیے لیکن ایمان والے اللہ سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں اور کاش ظالم لوگ عذاب کا مشاہدہ کر لینے کے بعد جو کچھ سمجھنے والے ہیں اب سمجھ لیتے کہ ساری طاقت صرف اللہ ہی کی ہے اور اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔(۱۶۵) جس وقت کفر کے پیشوا اپنے پیروکاروں سے بیزاری کا اعلان کریں گے اور وہ عذاب کا مشاہدہ کریں گےاور ان کے تعلقات کٹے جائیں گے۔(۱۶۶) اس وقت ان کے پیروکار یہ کہیں گے: اے کاش! ایک دفعہ پھر ہم دنیا کی طرف پلٹا دئے جاتے تاکہ ان پیشواؤں سے بیزاری کا اعلان کریں جس طرح آج انہوں نے ہم سے بیزاری کا اعلان کیا ہے، اللہ اس طرح ان کے اعمال کو انہیں دکھائے گا جو ان کے لیے حسرت و ناامیدی کا سبب ہوں گے، وہ ہرگز دوزخ کی آگ سے باہر نہیں آئیں گے۔(۱۶۷) اے لوگو! زمین میں موجود ان نعمتوں کو کھاؤ جو پاکیزہ اور حلال و طیب ہیں اور شیطان کے نقش قدم پر مت چلو، سچ یہ ہے کہ وہ تمہارا کھلا دشمن ہے۔(۱۶۸) شیطان تمہیں برائی اور غلط کاموں کا ہی حکم دیتا ہے اور یہ کہ جس کو تم نہیں جانتے ہو اس کی اللہ کی طرف نسبت دو۔(۱۶۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۶۴:

کائنات کے نظام میں ہم آہنگی اور اس نظام پر نافذ قوانین اللہ تعالیٰ کے ارادہ، قدرت، اس کی حاکمیت اور وحدہ لاشریک ہونے کی نشانی ہیں۔سات آسمانوں میں سے فقط ایک آسمان تک ا نسان کی رسائی ہے وہ بھی مکمل رسائی نہیں جو کہ پہلا آسمان ہے، ان تمام کے درمیان رابطہ اور مطابقت اور ستاروں کی اپنے اپنے مدار میں حرکت سب اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانی ہے۔ (رِیۡاح)ریح کی جمع ہے جو ہوا کے معنی میں ہے۔ قرآن مجید میں جہاں پر (ریح) کا لفظ مفرد صورت میں استعمال ہوا ہے وہاں عذاب اور غضب کے لیے آیا ہے جیسے (رِیۡحٍ صَرۡصَرٍ)’’حاقہ، ۶‘‘اور جہاں پر (رِیۡاح)جمع کی صورت میں استعمال ہوا ہے تو بارش اور الٰہی الطاف کے ہمراہ آیا ہے۔ کائنات اور اس میں موجود اشیاء کی معرفت خدا شناسی کے راستوں سے ایک راستہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی یکتائی کو بیان کرتا ہے ( اِلٰـہُکُمۡ اِلٰہٌ وَّاحِدٌ ۔۔۔ خَلۡقِ السَّمٰوٰتِ ۔۔۔لَاٰیٰتٍ)۔ کائنات کی ہر شئے تکوینی آیات میں سے ایک آیت ہے (لَاٰیٰتٍ)۔ برگ درختان سبز در نظر ہوشیار ہر ورقش دفتری است معرفت کردگار ’’عقلمندوں کی نظر میں ہرے بھرے درختوں کا ہر پتا خدا کی معرفت کی کتاب کا ایک ورق ہے‘‘ فقط عقلمند اور دانا حضرات ہی کائنات میں غور و فکر کرکے خداشناسی کا درس لیتے ہیں (اِنَّ فِیۡ خَلۡقِ السَّمٰوٰتِ ۔۔۔ لَاٰیٰتٍ لِّقَوۡمٍ یَّعۡقِلُوۡنَ)۔

آیت ۱۶۵:

حضرت امام محمد باقر علیہ السلام فرماتے ہیں کہ اس آیت(دُوۡنِ اللّٰہِ)میں اور (اَنۡدَادًا) سے بت مراد نہیں بلکہ اس سے ظالم اور گمراہ کرنے والے پیشوا مراد ہیں کہ لوگ انہیں اللہ تعالیٰ کی طرح دوست رکھتے ہیں، ان کا احترام کرتے ہیں، ان کا ہر حکم مانتے ہیں۔ عربی لغت کے اعتبار سے بھی (ہُمۡ) جو (یُحِبُّوۡنَہُمۡ) میں ہے یہ انسان کے لیے استعمال ہوتا ہے کہ اس کا معنی یہ ہے کہ وہ انہیں دوست رکھتے ہیں، (ہُمۡ) غیر ذوالعقول اشیاء کے لیے نہیں۔ محبت کی بنیاد اور اس کا سرچشمہ دوستی کا کمال اور دوستی کا جمال ہے۔ مومنین تمام کمالات اور تمام جمال کو صرف اللہ تعالیٰ کی ذات میں موجود پاتے ہیں لہذا وہ سب سے زیادہ اسی سے عشق و محبت کرتے ہیں۔ مومنوں کا یہ عشق اور ان کی یہ محبت اس وجہ سے ہے کہ ان کا معشوق اس کا لائق ہے جبکہ مشرکین کا عشق جہالت اور نادانی کی بنیاد پر ہے۔ اللہ تعالیٰ کے مقابلے میں غیر اللہ کی پرستش کرنا اور اس سے محبت کرنا ممنوع اور ناجائز ہے (یَتَّخِذُ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ اَنۡدَادًا یُّحِبُّوۡنَہُمۡ)۔ جذبات کی بنیاد عقیدہ ہو (الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰہِ)۔

آیت ۱۶۶:

ہمیں ہوشیار رہنا چاہیے اور معلوم رہے کہ ہمارا رہبر کون ہے اور ہمارے دل میں کس کی محبت ہے اور ہم کس سے عشق کررہے ہیں۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کہیں طاغوت، سرکش اور ظالم حکمران اپنی ذات کے لیے ہمیں استعمال تو نہیں کررہے ہیں اور ہمارے توسط سے وہ اپنی خواہشات اور اپنے ناجائز مفادات تو حاصل نہیں کررہے۔ اگر وہ ایسا کررہے ہوں تو قیامت کے دن وہ ہمیں تنہا چھوڑیں گے اور ہم سے بیزاری کا اعلان کریں گے۔ ہر ایسی محبت اور ہر ایسا عشق جس کی بنیاد عقل اور فطرت نہ ہو وہ جلدی یا بدیر ٹھنڈا پڑ جائے گا یا دشمنی میں تبدیل ہوجائے گا (یُحِبُّوۡنَہُمۡ کَحُبِّ اللّٰہِ ۔۔۔تَبَرَّاَ الَّذِیۡنَ اتُّبِعُوۡا)۔ اس سے عشق و محبت کریں جو خطرات کے موقع پر ہماری مدد کرنے کی طاقت اور صلاحیت رکھتا ہو (اِذۡ تَبَرَّاَ الَّذِیۡنَ اتُّبِعُوۡا)۔

آیت ۱۶۷:

احادیث کی روشنی میں قیامت میں متعدد مواقف’’منازل‘‘ہوں گے۔ بعض جگہوں پر منہ پر مہر لگ جائے گی کہ مجرم کچھ بول نہ سکیں گے، فقط حیرت بھری نگاہوں سے ایک دوسرے کو دیکھ رہے ہوں گے اور رو رہے ہوں گے۔ کچھ جگہوں پر ایک دوسرے سے مدد مانگتے ہوئے نظر آئیں گے۔ کچھ جگہوں پر ایک دوسرے سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کر رہے ہوں گے۔ اس آیت میں ہے کہ کفار نے دنیا میں اپنے جن لیڈروں اور سربراہوں کا ساتھ دیا تھا، ان سے عشق و محبت کی تھی اور ان کی حمایت کی تھی وہ اپنے اس عمل سے پشیمان ہوں گے۔ لیکن وہ کچھ کر نہ سکیں گے کیونکہ عمل کا وقت گزرچکا ہوگا، فقط دل میں حسرت و یاس ہی باقی رہ جائے گی، وہ زبان بے زبانی سے کہہ رہے ہوں گے: اگر ہم ایک دفعہ پھر دنیا میں پلٹا دئے جائیں تو ہم ان کے پیچھے نہ چلیں گے جو آج ہم سے بیزاری کا اعلان کر رہے ہیں، جو اس قدر بے وفا ہیں کہ آج ہم سے بیزاری اور نفرت کا اعلان کر رہے ہیں۔ اگر ہم دنیا میں واپس پلٹا دئے جائیں تو ان سے دور رہیں گے اور ان سے بیزاری کا اظہار کریں گے۔ وہ حسرت اٹھائیں گے لیکن حسرت سے تو کچھ کام نہیں ہو سکے گا۔ متعدد آیات میں ’’خلود‘‘ کا لفظ عذاب کے لیے استعمال ہوا ہے۔ بعض نے ’’خلود‘‘ کا معنی لمبی مدت کیا ہے لیکن اس آیت میں اس جملہ ( وَ مَا ہُمۡ بِخٰرِجِیۡنَ مِنَ النَّارِ) سے معلوم ہوتا ہے کہ خلود ہمیشہ کے معنی میں ہے لمبی مدت کے لیے نہیں۔ احادیث میں گنہگاروں کی جانب سے قیامت کے دن حسرت اور افسوس کے مناظر اس طرح بیان ہوئے ہیں: جو لوگ وراثت میں بہت سارے اموال پیچھے چھوڑ جائیں گے اور انہوں نے اپنی زندگی میں ان اموال کو خیراتی کاموں میں استعمال نہ کیا ہوگا وہ اس دن دیکھیں گے کہ ان کے وارث نے ان کے چھوڑے ہوئے اموال سے اچھا کام کیا ہے جو اس کے نامہ اعمال میں درج ہوا ہے ۔ اگر اس نے برائی میں اس کے چھوڑے ہوئے مال کو خرچ کیا ہے تو اس جرم میں یہ شخص شامل ہے جو مال پیچھے چھوڑ آیاتھا۔ دوسرا نمونہ یہ ہے کہ جنہوں نے بہت زیادہ عبادات کیں لیکن انہوں نے حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت کا انکار کیا۔ ہمیں چاہیے کہ دنیا میں طاغوت اور سرکش حکمرانوں کو چھوڑ دیں قبل اس کے کہ وہ قیامت میں ہمیں تنہا چھوڑ دیں(فَنَتَبَرَّاَ مِنۡہُمۡ)۔ قیامت کے دن حقائق کھل کر انسان کی آنکھوں کے سامنے آئیں گے اور اپنے کیے پر اسے حسرت ہوگی (یُرِیۡہِمُ اللّٰہُ اَعۡمَالَہُمۡ حَسَرٰتٍ)۔

آیت ۱۶۸:

اسلام نے ہمیشہ نصیحت کی ہے کہ انسان پاک اور حلال طریقہ سے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو استعمال کرے اور رہبانیت اور بے جا زہد سے منع کیا ہے اور ناپاک اور حرام چیزوں کے استعمال سے روکا ہے کہ یہ شیطانی عمل ہے (اِنَّمَا الۡخَمۡرُ ۔۔۔ رِجۡسٌ مِّنۡ عَمَلِ الشَّیۡطٰنِ)’’مائدہ، ۹۰‘‘، اسی طرح بلاوجہ غذا کا استعمال نہ کرنا اور بھوکا رہنے سے بھی منع کیا ہے اور اسے بھی شیطانی عمل قرار دیاہ ے (کُلُوۡا ۔۔۔وَ لَا تَتَّبِعُوۡا خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)کہ بعض تاریخی حوالوں سے یہ بات بیان ہوئی ہے کہ عربوں کے بعض قبیلوں نے کچھ زرعی اجناس اور بعض جانوروں کا گوشت کھانے کو اپنے اوپر حرام کیا ہوا تھا۔ اسلام نے ان کی اس روش کی مذمت کی ہے کیونکہ وہ ان کی حرمت کو اللہ تعالیٰ کی طرف نسبت دیتے تھے، یہ بھی شیطانی عمل ہے۔ اسلام انسان کی مادی زندگی پر پوری توجہ دیتا ہے۔ اس کی ایک مثال انسان کی غذائی ضروریات پر توجہ دینا ہے۔ اس بارے دسیوں آیات اور سینکڑوں احادیث موجود ہیں۔ انبیاء کی ذمہ داریوں میں یہ بھی شامل تھاکہ وہ کھانے پینے کی حلال و حرام اشیاء کو لوگوں کے لیے بیان کریں۔ قرآن مجید نے عام طور پر کسی چیز کے استعمال کے جائز ہونے کے بارے ایک شرط لگائی ہے جیسے اس آیت میں فرمایا ہے:(کُلُوۡا۔۔۔ حَلٰلًا طَیِّبًا)، اسی طرح دوسری آیت میں فرمایا: (کُلُوۡا وَ اشۡرَبُوۡا ۔۔۔ وَ لَا تَعۡثَوۡا فِی الۡاَرۡضِ مُفۡسِدِیۡنَ)(بقرہ، ۶۰) ایک اور مقام پر فرمایا:(فَکُلُوۡا مِنۡہَا وَ اَطۡعِمُوا)۔ کھانے پینے کے حوالے سے دو بنیادی شرائط ہیں: ۱۔ حلال ہونا، ۲۔ پاکیزہ ہونا، کہ وہ دل پسند ہوں (کُلُوۡا۔۔۔ حَلٰلًا طَیِّبًا)۔ اسلام نے بعض ریاضتوں کی مخالفت کی ہے (کُلُوۡا)۔ حرام اور ناپاک چیزوں کا استعمال شیطان کی پیروی ہے (کُلُوۡا، حَلٰلًا طَیِّبًا ۫ۖ وَّ لَا تَتَّبِعُوۡا خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)۔ شیطان قدم بقدم انسان کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے، ضروری ہے کہ اس کے ہر اقدام کی مخالفت کی جائے (خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)۔ شیطان، انسان کو گمراہ کرنے کے لیےمختلف روشیں اور متعدد طریقے استعمال کرتا ہے(خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)۔

آیت ۱۶۹:

شیطان کا فرمان وہی شیطانی وسوسے ہیں۔ وہ انسان سے اس کا اختیار چھین نہیں سکتا اور اسے گناہ پر مجبور نہیں کرسکتا۔ شیطان کا کام انسان کے دل میں وسوسہ ڈالنا ہے، عمل خود انسان انجام دیتا ہے۔ جب انسان کمزور ہوجائے تو وہ شیطان کے وسوسوں کو اس طرح مانتا ہے جیسے وہ اپنے مولا سے فرمان لے رہا ہو (اِنَّمَا سُلۡطٰنُہٗ عَلَی الَّذِیۡنَ یَتَوَلَّوۡنَہٗ)’’نحل، ۱۰۰‘‘ وگرنہ اولیاء اللہ ایسے مرحلہ پر ہوتے ہیں کہ شیطان ان پر اثر اندازنہیں ہوسکتا (اِنَّ عِبَادِیۡ لَیۡسَ لَکَ عَلَیۡہِمۡ سُلۡطٰنٌ)’’حجر، ۴۲‘‘ ایک طرف سے شیطان انسان کو گناہ کا حکم دیتا ہے اور دوسری طرف اس گناہ کے لیے جواز پیش کرتا ہے۔ برے کام اور فحاشی کا حکم دینے کا مطلب گناہ کا حکم دینا اور اس کی نسبت خدا کی طرف دینا ہے (یَاۡمُرُکُمۡ ۔۔۔ وَ اَنۡ تَقُوۡلُوۡا)۔ شک و تردید کی صورت میں بھی کسی عمل کے حکم کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف نہ دی جائے چہ جائیکہ ایسے موارد جن کے بارے میں معلوم ہو کہ اللہ تعالیٰ نے منع کیا ہے کہ ایسا نہ کرے پھر بھی اس کام کو انجام دیا جائے اور اس کی نسبت خدا کی طرف دی جائے یہ بہت بڑا گناہ اور کھلی گستاخی ہے۔ لہذا قرآن مجید کی تفسیر کرنے اور احکام الٰہی بیان کرنے میں پوری دقت کی جائے (وَ اَنۡ تَقُوۡلُوۡا عَلَی اللّٰہِ مَا لَا تَعۡلَمُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 170 تا 176
وَإِذَا قِيلَ لَهُمُ ٱتَّبِعُواْ مَآ أَنزَلَ ٱللَّهُ قَالُواْ بَلۡ نَتَّبِعُ مَآ أَلۡفَيۡنَا عَلَيۡهِ ءَابَآءَنَآۚ أَوَلَوۡ كَانَ ءَابَآؤُهُمۡ لَا يَعۡقِلُونَ شَيۡـٔٗا وَلَا يَهۡتَدُونَ ١٧٠ وَمَثَلُ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ كَمَثَلِ ٱلَّذِي يَنۡعِقُ بِمَا لَا يَسۡمَعُ إِلَّا دُعَآءٗ وَنِدَآءٗۚ صُمُّۢ بُكۡمٌ عُمۡيٞ فَهُمۡ لَا يَعۡقِلُونَ ١٧١ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ كُلُواْ مِن طَيِّبَٰتِ مَا رَزَقۡنَٰكُمۡ وَٱشۡكُرُواْ لِلَّهِ إِن كُنتُمۡ إِيَّاهُ تَعۡبُدُونَ ١٧٢ إِنَّمَا حَرَّمَ عَلَيۡكُمُ ٱلۡمَيۡتَةَ وَٱلدَّمَ وَلَحۡمَ ٱلۡخِنزِيرِ وَمَآ أُهِلَّ بِهِۦ لِغَيۡرِ ٱللَّهِۖ فَمَنِ ٱضۡطُرَّ غَيۡرَ بَاغٖ وَلَا عَادٖ فَلَآ إِثۡمَ عَلَيۡهِۚ إِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٌ ١٧٣ إِنَّ ٱلَّذِينَ يَكۡتُمُونَ مَآ أَنزَلَ ٱللَّهُ مِنَ ٱلۡكِتَٰبِ وَيَشۡتَرُونَ بِهِۦ ثَمَنٗا قَلِيلًا أُوْلَٰٓئِكَ مَا يَأۡكُلُونَ فِي بُطُونِهِمۡ إِلَّا ٱلنَّارَ وَلَا يُكَلِّمُهُمُ ٱللَّهُ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِ وَلَا يُزَكِّيهِمۡ وَلَهُمۡ عَذَابٌ أَلِيمٌ ١٧٤ أُوْلَٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ ٱشۡتَرَوُاْ ٱلضَّلَٰلَةَ بِٱلۡهُدَىٰ وَٱلۡعَذَابَ بِٱلۡمَغۡفِرَةِۚ فَمَآ أَصۡبَرَهُمۡ عَلَى ٱلنَّارِ ١٧٥ ذَٰلِكَ بِأَنَّ ٱللَّهَ نَزَّلَ ٱلۡكِتَٰبَ بِٱلۡحَقِّۗ وَإِنَّ ٱلَّذِينَ ٱخۡتَلَفُواْ فِي ٱلۡكِتَٰبِ لَفِي شِقَاقِۭ بَعِيدٖ ١٧٦
ترجمہ
جس وقت ان سے کہا جائے کہ جو کچھ اللہ نے نازل کیا ہے اس کی پیروی کرو تو وہ کہتے ہیں: ہم نے اپنے آباء و اجداد کو جس راہ و روش پر پایا ہے اسی کی پیروی کریں گے،اگر ان کے آباء و اجداد نے کچھ نہ سمجھا ہو اور ہدایت یافتہ نہ ہوں تو پھر بھی ان کی پیروی کرنی چاہیے؟(۱۷۰) کافروں کو (حق کی طرف)دعوت دینا ایسا ہے جیسے کسی جانور کو آواز دی جائے کہ سوائے شور کے وہ کچھ بھی نہیں سنتا، یہ بہرے، گونگے اور اندھے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ کچھ سمجھتے نہیں۔(۱۷۱) اے وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہو!جو پاکیزہ نعمتیں ہم نے تمہیں روزی میں دی ہیں ان سے کھاؤ اور اللہ کا شکر بجالاؤ اگر تم فقط اسی کی پرستش کرتے ہو۔(۱۷۲) اللہ نے مردار کا گوشت، خون، سور کا گوشت اور وہ جانور جس کو ذبح کرتے وقت اس پر غیر خدا کا نام لیا گیا ہو فقط ان کو حرام کیا ہے، لیکن وہ شخص جو مجبور ہو جبکہ ضرورت سے زیادہ استعمال نہ کرے تو اس پر ان سے کچھ کھانے پر گناہ نہیں ہے، بتحقیق اللہ بخشنےوالا مہربان ہے۔(۱۷۳) جو لوگ کتاب کی ان آیات کو چھپاتے ہیں جنہیں ہم نے نازل کیا ہے اور انہیں تھوڑی قیمت پر فروخت کریں وہ اپنے شکموں میں آگ کے سوا کچھ بھی داخل نہیں کرتے، قیامت کے دن اللہ ان سے بات نہیں کرے گا اور نہ ہی انہیں پاک کرے گا، ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔(۱۷۴) یہ وہ لوگ ہیں جو ہدایت کے عوض گمراہی خرید لیتے ہیں اور بخشش کی بجائے عذاب کو خریدتے ہیں، (تعجب کی بات ہے کہ) ان میں اللہ کے عذاب کو برداشت کرنے کی کتنی طاقت ہے؟!(۱۷۵) یہ عذاب ان کے لیے اس وجہ سے ہے کہ اللہ نے حق پر مبنی کتاب کو نازل کیا ہے اور وہ لوگ جنہوں نے اللہ کی کتاب کے مطالب کو چھپانے اور اس میں تحریف کے ذریعہ تفرقہ پیدا کیا تو یقیناً وہ مسلسل جھگڑے میں پڑے ہوئے ہیں۔(۱۷۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۷۰:

سابقہ آیت میں خبردار کیا گیا کہ شیطان سے دور رہو اور اس کی پیروی نہ کرو۔ اس آیت میں شیطان کی اندھی تقلید کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ بزرگوں کی سنت کو اپنانا اور پرانے طریقوں پر چلنا اگر عاقلانہ اور دلیل اور منطق کے تحت ہو تو ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے (اَلۡفَیۡنَا عَلَیۡہِ اٰبَآءَنَا)۔ قومی اور قبائلی تعصبات، حق کو قبول کرنے کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں (بَلۡ نَتَّبِعُ۔۔۔اٰبَآءَنَا)۔ راہ حق کی معرفت عقل اور وحی کے ذریعہ ہی ممکن ہے (لَا یَعۡقِلُوۡنَ شَیۡئًا وَّ لَا یَہۡتَدُوۡنَ)۔ علم اور تجربہ کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا قدر و قیمت رکھتا ہے لیکن ماضی کے لوگوں کی خرافات اور بے منطق عادات اور روایات و بیانات کو آگے بیان کرنا اقدار کے خلاف ہے (اٰبَآؤُہُمۡ لَا یَعۡقِلُوۡنَ)۔

آیت ۱۷۱:

’’دعاء‘‘ کا لفظ قریب سے بلانے کے لیے استعمال ہوتا ہے اور ’’نداء‘‘ دور سے بلانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس آیت میں دو تشبیہات موجود ہیں: پہلی تشبیہ حق کی دعوت دینے والا کو چرواہے کے ساتھ تشبیہ دینا اور دوسری تشبیہ کافروں کو جانوروں کے ساتھ تشبیہ دینا جو چرواہے کی آواز سننے کے سواء کچھ نہیں سمجھتے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ پیغمبراکرمﷺ سے کہا جارہا ہے کہ اے پیغمبر! اس بے ایمان قوم کو دعوت دینا ایسے ہے جیسے جانوروں کو خطرے سے بچانے کے لیے آواز دی جائے اور وہ اس پیغام کو نہیں سمجھتے کیونکہ وہ حقیقت کو سمجھنے کے بارے بہرے، گونگے اور اندھے ہیں۔ آنکھ، کان اور زبان کی قدر و قیمت اور اہمیت اس وقت ہے جب یہ تعقل اور سمجھ کا وسیلہ بنیں وگرنہ جانوروں کے بھی کان، زبان اور آنکھیں ہیں۔ لیکن وہ کان، آنکھ اور زبان رکھتے ہوئے بھی سمجھتے نہیں، عقل نہیں رکھتے۔ اگر بے ایمان افراد کو حق کی جانب دعوت دیں تو وہ تعصب کی بنا پر اسے تسلیم نہیں کریں گے (صُمٌّۢ بُکۡمٌ عُمۡیٌ فَہُمۡ لَا یَعۡقِلُوۡنَ)۔ سمجھداری سے کان سے سننا، آنکھ سے دیکھنا اور سوال کرنا معرفت کا وسیلہ ہے لیکن گونگے، بہرے اور اندھوں کے بارے قرآن فرما رہا ہے (صُمٌّۢ بُکۡمٌ عُمۡیٌ فَہُمۡ لَا یَعۡقِلُوۡنَ)۔

آیت ۱۷۲:

قرآن مجید جب بھی انسان کو کسی کام سے روکتا ہے تو پہلے اس کام کے حوالے سے جائز اور مباح راستوں کو بیان کرتاہے پھر اس کام سے منع کرتا ہے۔ اس آیت میں پہلے ان چیزوں کو بیان کیا گیا ہے جن کو کھانا پینا جائز ہے۔ اس کے بعد اگلی آیت میں ان چیزوں کو بیان کیا گیا ہے جن کا استعمال حرام اور ناجائز ہے۔ نعمتوں کو خلق کرنے کا اصلی ہدف یہ ہے کہ مومنین ان نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ سابقہ تین آیات میں بیان کیا گیا کہ جو کچھ زمین میں ہے اسے کھاؤ اور اس آیت میں فرمایا: اے مومنو! جو دل پسند نعمتوں کو ہم نے تمہارے لیے روزی کیا ہے انہیں کھاؤ۔ ان دو تعبیروں میں فرق کی وجہ یہ ہے کہ ان نعمتوں کو خلق کرنے کا اصلی ہدف یہ ہے کہ مومنوں کو روزی پہنچائی جائے جبکہ دوسرے لوگ مومنوں کے طفیل ان نعمتوں سے بہرہ مند ہوتے ہیں۔ جس طرح باغبان جب باغ کو پانی دیتا ہے تو اس کا اصلی ہدف باغ میں موجود درختوں اور پھولوں کی نشو و نما کے لیے انہیں پانی دینا ہوتا ہے۔لیکن اس پانی سے باغ میں موجود جڑی بوٹیاں، کانٹے، جھاڑیاں اور اضافی گھاس پھوس بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ عام لوگوں سے یہ توقع ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کو استعمال کرنے کے بعد اللہ کی معصیت اور گناہ کی طرف نہ جائیں، فتنہ و فساد نہ پھیلائیں اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کی قدردانی کریں(یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُلُوۡا۔۔۔ وَ لَا تَتَّبِعُوۡا خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)’’بقرہ، ۱۶۸‘‘، جبکہ اہل ایمان سے یہ توقع ہے کہ وہ ان نعمتوں کے استعمال کے بعد نیک اعمال اور اللہ تعالٰی کا شکر بجالائیں (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُلُوۡا۔۔۔ وَ اشۡکُرُوۡا)۔ (کُلُوۡا ۔۔۔ وَ اعۡمَلُوۡا صَالِحًا)’’مومنون، ۵۱‘‘۔ خود سازی اور تقویٰ،پاکیزہ چیزوں کے استعمال کرنے کے ساتھ منافات نہیں رکھتا (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُلُوۡا مِنۡ طَیِّبٰتِ)۔ اسلامی نقطہ نظر سے مادی امور، معنویات کے لیے مقدمہ کی حیثیت رکھتے ہیں (کُلُوۡا، اشۡکُرُوۡا، تَعۡبُدُوۡنَ)۔ اسلام، کھانے پینے کی چیزوں میں صحت کے اصولوں پر توجہ دیتا ہے (طَیِّبٰتِ مَا رَزَقۡنٰکُمۡ)صاف ستھری اور پاکیزہ چیزوں کو کھاؤ۔ اگر انسان یہ خیال کرے کہ میرے پاس موجود مال و دولت میری اپنی منصوبہ بندی اور میری اپنی تلاش و کوشش کا نتیجہ ہے اور ان امور میں اللہ تعالیٰ کو نظر انداز کرے اور کہے کہ یہ روزی اور سرمایہ میری محنت و کوشش اور سعی و تلاش کا نتیجہ ہے لہذا میں اللہ تعالیٰ کا شکر کیوں بجا لاؤں تو اس بارے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ ہم نے یہ سب کچھ تمہیں دیا ہے، طاقت ہم نے دی ہے،وسائل کے خالق ہم ہیں، عقل ہم نے دی ہے لہذا تمہیں ہمارا شکر ادا کرنا چاہیے (وَ اشۡکُرُوۡا لِلّٰہِ اِنۡ کُنۡتُمۡ اِیَّاہُ تَعۡبُدُوۡنَ)۔

آیت ۱۷۳:

اس لحاظ سے کہ حرام غذائیں چار چیزوں سے زیادہ ہیں اس لیے (اِنَّمَا)عقلی انحصار کے معنی میں نہیں بلکہ اس حوالے سے ہے کہ زمانہ جاہلیت میں جو چیزیں لوگوں نے اپنے اوپر حرام کر رکھی تھی اس کے مد مقابل یہ بیان ہے۔ جس کے پاس اپنی جان کی حفاظت کے لیے کوئی غذا موجود نہ ہو تو وہ مجبوری کی حالت میں حرام غذا کھا سکتا ہے۔ بشرطیکہ یہ کام سرکشی، نافرمانی اور ظالمانہ نہ ہو، جس کا مقصد یہ ہے کہ خود کو ہلاکت سے نجات دینے کے لیے جتنی ضرورت ہے اتنا ہی استعمال کرے، لذت حاصل کرنے اور مزہ لینے کے لیے حرام چیز نہ کھائے۔ ’’اضطرار‘‘مجبوری کا ایک قاعدہ قانون ہے۔ یہ کسی ایک مورد سے مخصوص نہیں بلکہ جس امر میں اضطراری حالت ہو تو یہ قانون وہاں پر لاگو ہوگا اور اصلی حکم میں تخفیف ہوگی جیسے نماز کے بارے میں ہے کہ جو کھڑا ہو کر نماز نہیں پڑھ سکتا تو وہ بیٹھ کر پڑھے، جو سجدہ نہیں کرسکتا تو وہ اشارہ سے سجدہ کرے گا، جو روزہ نہیں رکھ سکتا تو اس کے کفارہ دے گا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام سے سوال کیا گیا کہ طبیب نے مریض کو آرام کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ لیٹ کر رہے تو وہ نماز کے بارے کیا کرے؟ تو آپ نے اس آیت کی تلاوت کی اور فرمایا کہ وہ لیٹ کر نماز پڑھے۔ مردار اور خون کے استعمال پر پابندی جیسے الٰہی دستورات فقط طبی اور صحت کے حوالے سے نہیں بلکہ بعض دفعہ حرمت کی وجہ عقیدتی، نظریاتی اور تربیتی مسائل ہوتے ہیں جیسے اس جانور کے گوشت کو کھانے پر پابندی جسے اللہ کا نام لیے بغیر کسی اور کا نام لے کر ذبح کیا گیا ہو تاکہ اس طرح شرک پر مبنی عمل سے روکا جائے، یہ ایک عقیدتی مسئلہ ہے۔ غذائی اجناس بارے اسلام کی پوری توجہ ہے، بار بار نقصان دینے والی اشیاء کے استعمال سے روکا گیا ہے (اِنَّمَا حَرَّمَ عَلَیۡکُمُ الۡمَیۡتَۃَ۔۔۔)۔ جانور کو ذبح کرتے وقت اللہ کا نام لینا اور اللہ کی طرف توجہ کرنا ضروری ہے تاکہ ہمارا کوئی بھی کام توحید کے دائرے سے باہر نہ ہو اور شرک اور بت پرستی کے مظاہر کا خاتمہ ہو اور اس کا ہر جہت سےخاتمہ کیا جاسکے (وَ مَاۤ اُہِلَّ بِہٖ لِغَیۡرِ اللّٰہِ)۔ اضطرار ایسے حکم کو بدل دیتا ہے جو دوسروں کی جانب سے اس پر مسلط کیا گیا ہو لیکن ایسا کرنے کی اجازت نہیں کہ کوئی خود کو اضطراری حالت میں قرار دے۔ ’’اضطرار‘‘ مجہول کا صیغہ ہے، معلوم کا صیغہ استعمال نہیں کیا گیا (فَمَنِ اضۡطُرَّ ۔۔۔فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ)۔ اسلام جامع دین ہے، اس میں کوئی بندگلی نہیں، اضطراری حالت میں ہر فریضہ میں سہولت مل سکتی ہے اور اصلی حکم کے اٹھایا جاسکتا ہے(فَمَنِ اضۡطُرَّ ۔۔۔فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ)۔ قانون سازی میں خصوصی شرائط اور پیش آنے والے حالات اور مشکلات و مسائل کو مدنظر رکھا جائے (فَمَنِ اضۡطُرَّ ۔۔۔فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ)۔ اضطراری حالت میں تخفیف کے حکم سے غلط فائدہ نہ اٹھایا جائے (اضۡطُرَّ غَیۡرَ بَاغٍ وَّ لَا عَادٍ)۔

آیت ۱۷۴:

پیغمبراسلامﷺ کے آنے سے پہلے یہود و نصاریٰ کے علما لوگوں کو آپ کے آنے کی خبر دیتے تھے۔ آخری پیغمبر کے بارے جو نشانیاں تورایت اور انجیل میں بیان ہوئی تھیں انہیں لوگوں کو بیان کرتے تھے لیکن جیسے ہی پیغمبراسلامﷺ مبعوث ہوئے تو انہوں نے آپ کی رسالت کے اقرار کو اپنے مقام و منصب اور اموال کو ہاتھ سے دینے کے مترادف سمجھا اور حقیقت کو چھپایا۔ حقائق پر پردہ ڈالنا فقط پیغمبراسلام ﷺ کی رسالت کے بارے نہ تھا بلکہ ان لوگوں کو بھی شامل ہے جنہوں نے غدیر خم کا واقعہ کو اپنی تفسیر کی کتابوں اور تاریخ سے مٹادیا، آیات کے معنی میں تحریف کی، لوگوں کو امام معصوم کی پیروی کی بجائے غیر معصوم کی پیروی کی طرف لے گئے۔ یہ بھی حقیقت پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے جس طرح یہودی اور عیسائی علما نے پیغمبراسلامﷺ کی رسالت کے حوالے سے حقائق کو چھپایا جو ان کی کتابوں میں موجودتھے اسی طرح ان لوگوں نے بھی امامت کے متعلق ان حقائق پر پردہ ڈالا جو ان کی کتابوں میں موجود تھے(یَکۡتُمُوۡنَ،یَشۡتَرُوۡنَ)۔ دین فروشی جس قیمت پر بھی ہو وہ خسارہ ہی ہے کیونکہ آسمانی کتابوں میں بیان شدہ معارف اور حقائق تمام مفادات اور منافع سے بالاتر اور اہم ہیں (ثَمَنًا قَلِیۡلًا)۔ انسان کے تمام اعمال کا ایک باطنی اور ملکوتی چہرہ ہے کہ قیامت کے دن وہ اسی شکل میں مجسم ہوگا (فِیۡ بُطُوۡنِہِمۡ اِلَّا النَّارَ)۔

آیت ۱۷۵:

ان آیات میں حقائق چھپانے کے گناہ بارے پے در پے آٹھ دھمکیاں آئی ہیں، پانچ دھمکیاں سابقہ آیت میں، دو دھمکیاں اس آیت میں اور ایک دھمکی بعد والی آیت میں ذکر ہوئی ہے۔ ایساسخت اور دھمکی آمیز لب و لہجہ کسی اور گناہ کے بارے میں اختیار نہیں کیا گیا ہے۔ حقائق پر پردہ ڈالنا ایسا گناہ ہے جس کا تعلق علماء اور دانشوروں سے ہے (اُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ)۔ دین فروشی کی بہت سخت سزا ہے، یہ جملہ کہ (فَمَاۤ اَصۡبَرَہُمۡ عَلَی النَّارِ) قرآن میں فقط دین فروش گروہ کے لیے استعمال ہوا ہے۔

آیت ۱۷۶:

دینی حقائق چھپانے والوں کے لیے یہ سب دھمکیاں اور سخت کاروائی کرنے کا بیان اس وجہ سے ہے کہ علماء اور دانشور اپنے مفادات کو بچانے کے لیے آسمانی کتاب کے بیانات میں تحریف کرتے ہیں اور اس کے مطالب کی تاویل کرکے معاشرہ میں اختلاف اور تفرقہ پھیلاتے ہیں، گویا وہ پانی میں مٹی ڈال کر اسے گدلا کرتے ہیں اور اس گدلے پانی میں مچھلی پکڑنا چاہتے ہیں۔ مذہبی اختلافات کا سبب علماء ہیں، آسمانی کتابیں اختلافات کا سبب نہیں (نَزَّلَ الۡکِتٰبَ بِالۡحَقِّ۔۔۔ اخۡتَلَفُوۡا فِی الۡکِتٰبِ)۔ حقائق کو چھپانے سے تفرقہ اور انتشار پیدا ہوتا ہے (شِقَاقٍۭ بَعِیۡدٍ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 177 تا 181
۞ لَّيۡسَ ٱلۡبِرَّ أَن تُوَلُّواْ وُجُوهَكُمۡ قِبَلَ ٱلۡمَشۡرِقِ وَٱلۡمَغۡرِبِ وَلَٰكِنَّ ٱلۡبِرَّ مَنۡ ءَامَنَ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِ وَٱلۡمَلَٰٓئِكَةِ وَٱلۡكِتَٰبِ وَٱلنَّبِيِّـۧنَ وَءَاتَى ٱلۡمَالَ عَلَىٰ حُبِّهِۦ ذَوِي ٱلۡقُرۡبَىٰ وَٱلۡيَتَٰمَىٰ وَٱلۡمَسَٰكِينَ وَٱبۡنَ ٱلسَّبِيلِ وَٱلسَّآئِلِينَ وَفِي ٱلرِّقَابِ وَأَقَامَ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتَى ٱلزَّكَوٰةَ وَٱلۡمُوفُونَ بِعَهۡدِهِمۡ إِذَا عَٰهَدُواْۖ وَٱلصَّٰبِرِينَ فِي ٱلۡبَأۡسَآءِ وَٱلضَّرَّآءِ وَحِينَ ٱلۡبَأۡسِۗ أُوْلَٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ صَدَقُواْۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡمُتَّقُونَ ١٧٧ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ كُتِبَ عَلَيۡكُمُ ٱلۡقِصَاصُ فِي ٱلۡقَتۡلَىۖ ٱلۡحُرُّ بِٱلۡحُرِّ وَٱلۡعَبۡدُ بِٱلۡعَبۡدِ وَٱلۡأُنثَىٰ بِٱلۡأُنثَىٰۚ فَمَنۡ عُفِيَ لَهُۥ مِنۡ أَخِيهِ شَيۡءٞ فَٱتِّبَاعُۢ بِٱلۡمَعۡرُوفِ وَأَدَآءٌ إِلَيۡهِ بِإِحۡسَٰنٖۗ ذَٰلِكَ تَخۡفِيفٞ مِّن رَّبِّكُمۡ وَوَرَحۡمَةٞۗ فَمَنِ ٱعۡتَدَىٰ بَعۡدَ ذَٰلِكَ فَلَهُۥ عَذَابٌ أَلِيمٞ ١٧٨ وَلَكُمۡ فِي ٱلۡقِصَاصِ حَيَوٰةٞ يَٰٓأُوْلِي ٱلۡأَلۡبَٰبِ لَعَلَّكُمۡ تَتَّقُونَ ١٧٩ كُتِبَ عَلَيۡكُمۡ إِذَا حَضَرَ أَحَدَكُمُ ٱلۡمَوۡتُ إِن تَرَكَ خَيۡرًا ٱلۡوَصِيَّةُ لِلۡوَٰلِدَيۡنِ وَٱلۡأَقۡرَبِينَ بِٱلۡمَعۡرُوفِۖ حَقًّا عَلَى ٱلۡمُتَّقِينَ ١٨٠ فَمَنۢ بَدَّلَهُۥ بَعۡدَ مَا سَمِعَهُۥ فَإِنَّمَآ إِثۡمُهُۥ عَلَى ٱلَّذِينَ يُبَدِّلُونَهُۥٓۚ إِنَّ ٱللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٞ ١٨١
ترجمہ
نیکی صرف یہ نہیں کہ تم (نماز کے وقت) اپنا رخ مشرق اور مغرب کی جانب کرلو بلکہ نیک کام کرنے والا تو وہ ہے جو اللہ، قیامت کے دن، فرشتوں، آسمانی کتابوں اور پیغمبرو ں پر ایمان لے آئے اور اپنے مال سے محبت کے باوجود اسے اپنے رشتہ داروں، یتیموں، بے چارہ لوگوں، سفر میں بے خرچ ہونے والوں، پریشان حال لوگوں، سوالیوں، غلاموں کی آزادی کے لیے خرچ کرے، نماز قائم کرے اور زکات ادا کرے اور جن سے وہ عہد باندھے اس عہد کو پورا کرے اور جو سخت حالات میں، بیماریوں میں اور جنگ کے میدان میں ثابت قدم رہیں یہ وہی ہیں جو سچے ہیں اور یہ وہی ہیں جو پرہیزگار ہیں۔(۱۷۷) اے وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہو! (مقتولین کے لیے) قصاص کا قانون تمہارے اوپر اس طرح طے کردیا گیا ہے کہ آزاد کے بدلے میں آزاد اور غلام کے بدلے میں غلام، عورت کے بدلے میں عورت قصاص ہوں گے پھر اگر کوئی اپنے دینی بھائی کے لیے جو خون کا وارث ہے (قاتل) کو معاف کردے یا اس کا قصاص خون بہا (دیت) میں تبدیل ہوجائے تو اس بارے وہ پسندیدہ شیوہ اپنائےیہ حکم تخفیف اور مہربانی ہے آپ کے رب کی طرف سے پھر اگر کوئی اس کے بعد اللہ کی حدود کو پامال کرے تو اس کے لیے دردناک عذاب ہوگا۔(۱۷۸) اے عقلمندو! قصاص تمہارے لیے زندگی کا سرمایہ ہے تاکہ تم سب تقویٰ اپناؤ۔(۱۷۹) تمہارے لیے یہ طے کردیا گیا ہے کہ جب تم میں سے کسی ایک کے لیے موت کی نشانیاں سامنے آجائیں تو اگر اس نے اپنے پیچھے مال چھوڑا ہے تو وہ اپنے ماں باپ اور قریبی رشتہ داروں کے لیے عمدہ انداز سے وصیت کردے، یہ کام حق اور شائستہ ہے ان کے لیے جو تقویٰ اختیار کرنے والے ہیں۔(۱۸۰) پھر جو بھی اس وصیت کو سننے کے بعد تبدیل کرے گا تو اس کا گناہ فقط ان پر ہے جو وصیت کو تبدیل کریں، بلاشک اللہ سننے والا اور دانا ہے۔(۱۸۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۷۷:

(بِرَّ) نیکی کے معنی میں ہے۔ کوئی شخص بہت زیادہ نیک کام کرتا ہو تو اسے بھی(بِرّ) کہتے ہیں کہ اس کا پورا وجود نیکی ہے۔ (باسا)، (بَؤُس) سے ہے، جو فقر و احتیاج اور روزگار کی سختی کے معنی میں ہے کہ جو باہر سے انسان پر مسلط ہو۔ (ضرّاء) درد اور بیماری کے معنی میں ہے جو انسان کو اندر سے لاحق ہوتی ہیں (حِیۡنَ الۡبَاۡسِ) سے جنگ اور جہاد کا وقت مراد ہے۔ آیت ۱۴۴ میں قبلہ کی تبدیلی کے ماجرا کو بیان کرنے کے بعد اس آیت میں فرمایا کہ اللہ اور قیامت پر ایمان رکھنا اور نیک کاموں کو انجام دینا دین کا خلاصہ ہے، تم اس کی بجائے بحث و جدل میں کیوں پڑتے ہو؟ یہ آیت قرآن مجید کی جامع ترین آیات سے ہے کیونکہ اس میں دین کے عقیدتی، عملی اور اخلاقی اصول بیان ہوئے ہیں۔ رسول اللہﷺ سے مروی ہے جو شخص اس آیت پر عمل کرے تو اس کا ایمان کامل ہے۔ اس آیت میں دین کے تینوں حصوں’’ایمان، عمل اور اخلاق‘‘ کے متعلق پندرہ اچھی صفات بیان ہوئی ہیں جن میں درج ذیل خوبیاں شامل ہیں: پہلا حصہ:اللہ، فرشتوں، انبیاء، قیامت اور آسمانی کتابوں پر ایمان لانا؛ دوسرا حصہ: نماز قائم کرنا، زکات دینا، غلاموں کو آزاد کرنا، جنگ کے محاذ میں سختیوں پر صبر کرنا اور عہد وپیمان کو پورا کرنا؛ تیسرا حصہ: مال و دولت سے دل نہ لگانا، فقراء اور مساکین پر رحم کرنا، رشتہ داروں سے ہمدردی کرنا، یتیموں سے شفقت، مسافروں کی مالی مشکلات کو حل کرنا اور سوالیوں سے مناسب رویہ اپنانا، یہ سب اخلاقیات ہیں۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ صرف دین کے ظاہری امور کی جانب نہ جائیں بلکہ دین کے اصلی ہدف اور اس کے حقیقی مضمون پر توجہ دیں اور اس کو بیان کریں۔اس کو دو طرح سے بیان فرمایا ہے، پہلے فرمایا: (لَیۡسَ الۡبِرَّ) پھر فرمایا:(وَ لٰکِنَّ الۡبِرَّ)۔ اللہ تعالیٰ کے ساتھ رابطہ اورتعلق رکھنے کے ساتھ لوگوں کی مشکلات اور سختیوں میں ان کے ساتھ تعلق رکھنا اور ان کے ساتھ ہمدردی کرنا ضروری ہے(اٰمَنَ بِاللّٰہِ وَ الۡیَوۡمِ الۡاٰخِرِ ۔۔۔وَ اٰتَی الۡمَالَ عَلٰی حُبِّہٖ)۔ سارے نیک کام اللہ تعالیٰ پر ایمان کے سائے تلے پروان چڑھتے ہیں (اٰمَنَ بِاللّٰہِ ۔۔۔وَ اٰتَی الۡمَالَ)۔ اسلامی نقطہ نظر سے انفاق کا ہدف صرف بھوکوں کو سیر کرنا نہیں بلکہ دل سے مال و دولت کا لگاؤ اور محبت ختم کرنا بھی ہے (عَلٰی حُبِّہٖ)جب تک کوئی آدمی مال کی محبت کو دل سے نہ نکالے وہ اپنے اموال سےانفاق نہیں کرسکتا۔ انفاق کرتے وقت رشتہ دارفقر اء اور حاجت مندوں کو دوسرے فقراء اور مساکین پر مقدم رکھا جائے (ذَوِی الۡقُرۡبٰی وَ الۡیَتٰمٰی)۔ ایمان کے دعویدار تو بہت ہیں لیکن حقیقی مومنین اور ایسے افراد بہت کم ہیں جو دین کے پورے مضمون پر عمل کریں (اُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ صَدَقُوۡا)۔

آیت ۱۷۸:

’’قصاص‘‘ کا لفظ ’’قصص‘‘ سے ہے جس کا معنی کسی کام کا تسلسل یا پیچھا کرنا، قتل کا پیچھا کرنا یا قاتل کے بارے معاملہ کرنا ہے۔ ہر معاشرے میں کبھی نہ کبھی کوئی قتل ہوجاتا ہے، اسلام جیسے جامع و کامل دین کے پاس ایسے واقعات اور حادثات کے بارے عادلانہ قانون ہونا چاہیے جو منطقی بھی ہو اور انتقام اور اس قسم کے جرائم کے سدباب کا ذریعہ بھی بنے۔ اسلام سے پہلے زمانہ جاہلیت میں ایک آدمی کے قتل ہوجانے کی صورت میں قاتل کے پورے قبیلے میں قتل و غارت گری کرتے اور لمبی جنگیں چھڑجاتی تھیں۔ اسلام نے اس آیت میں راہ حل کے لیے ایک پلان دیا جس کے ذریعہ سے ایک طرف بے گناہ لوگوں کا خون بہانے سے روکا گیا اور دوسری جانب اس میں انصاف اور طرفین کی رضایت کو بھی مد نظر رکھا گیا۔ البتہ قصاص لینا مقتول کے وارثوں کا حق ہے، وہ چاہیں تو دیت لے کر قصاص لینے سے صرف نظر بھی کر سکتے ہیں۔ قصاص کے قانون میں برابری اور عدالت و انصاف کے اصول پر توجہ دی گئی ہے (اَلۡحُرُّ بِالۡحُرِّ وَ الۡعَبۡدُ بِالۡعَبۡدِ وَ الۡاُنۡثٰی بِالۡاُنۡثٰی۔۔۔) جیسا قتل، ویسا قصاص۔ حتمی اور فیصلہ کن بات اور عطوفت و مہربانی دونوں کا ساتھ ساتھ ہونا ضروری ہے (فَمَنۡ عُفِیَ لَہٗ مِنۡ اَخِیۡہِ) گویا مقتول کے وارث اور قاتل بھائی ہیں، دوسرے لفظوں میں قاتل قتل کرنے کی وجہ سے اسلام کے دائرہ اور اسلامی برادری سے خارج نہیں ہوتا۔ اسلامی نقطہ نظر سے حقوق اور اخلاقیات ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں (کُتِبَ عَلَیۡکُمُ الۡقِصَاصُ ۔۔۔ فَمَنۡ عُفِیَ)۔ اسلام میں نہ تو یہودیوں کی مانند صرف قصاص کا قانون ہے اور نہ ہی مسیحیوں کی مانند صرف معاف کرنے کو بہترین راستہ قرار دیا گیاہے بلکہ مختلف راستے پیش کرتا ہے، قصاص اور قتل کا بدلہ قتل کی صورت میں لیا جائے یا دیت لی جائے یا معاف کردیا جائے (الۡقِصَاصُ ۔۔۔ فَمَنۡ عُفِیَ)۔

آیت ۱۷۹:

یہ آیت کچھ اعتراضات کا جواب ہے جو قصاص کے قانون کے متعلق کچھ دانشور حضرات کی طرف سے کئے گئے ہیں۔ قرآن مجید کہہ رہا ہے کہ قصاص کا قانون انسانی معاشرہ میں حیات کی ضمانت ہے، قصاص صرف ایک شخص کی جانب سے انتقام نہیں بلکہ اجتماعی امن کا وسیلہ ہے۔ جس معاشرہ میں زیادتی کرنے والے قاتل سے قصاص لینے کا قانون نہ ہو تو اس معاشرہ کا امن تباہ ہوگا گویاکہ وہ معاشرہ زندہ نہیں بلکہ مردہ ہے۔ جیسے طبابت، کھیتی باڑی اور جانور پالنا انسان کی سلامتی اور اس کی زندگی کا لازمی حصہ ہے اسی طرح ان امور میں پائے جانے والے جراثیموں کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ معاشرہ میں عدل و انصاف کا نفاذ اس معاشرہ کی حیات کی ضمانت ہے (لَکُمۡ فِی الۡقِصَاصِ حَیٰوۃٌ)۔ خطرناک عنصر کا خاتمہ ایک عقلی امر ہے (یٰۤاُاُولِی الۡاَلۡبَابِ)۔ کسی بھی امر کے متعلق جلدی میں فیصلہ نہ دو، ممکن ہے سطحی سوچ کے تحت قصاص کا قانون پسندیدہ امر نہ ہو لیکن اگر عقل اور گہرائی سے سوچو تو پتہ چل جائے گا کہ قصاص انسانی حیات کی ضمانت ہے، اسی لیے کہا گیا ہے (یٰۤاُاُولِی الۡاَلۡبَابِ)۔ قصاص، قتل جیسے انتہائی سنگین جرم کے سد باب کا ذریعہ ہے (لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ)تاکہ تم بچ جاؤ، محفوظ رہو۔

آیت ۱۸۰:

آیت میں ’’مال‘‘کے لفظ کی جگہ (خَیۡرَاً) کا لفظ استعمال ہوا ہے، اس کی وجہ شاید یہ ہو کہ مال اور دولت خیر اور نیکی کا وسیلہ ہیں۔ مال کے متعلق اسلام میں جس چیز پر تنقید کی گئی ہے وہ مال کو حرام طریقوں سے کمانا، مال سے شدید لگاؤ اور محبت رکھنا، ذاتی کمالات اور اجتماعی ضروریات پر مال کو مقدم رکھنا اور مال و دولت کے حصول کے لیے لوگوں کے استحصال ہے۔ وصیت نامہ اس طرح بہتر اور مناسب انداز میں لکھا جائے(مَعۡرُوۡف) جو عقلی تقاضوں کو پورا کرے، وصیت نامہ بغض و کینہ، انتقام اور بے جا خواہشات کو پورا کرنے کی بنیاد پر نہ ہو۔ ایک آدمی کے چھوٹے بچے تھے۔ اس نے اپنے تمام اموال کو اللہ کی راہ میں خرچ کردیا۔ اس کو دفن کرنے کے بعد جب لوگ پیغمبراکرمﷺکے پاس گئے اورآپ کو بتایا کہ اسے دفن کرکے آرہے ہیں تو آپ نے فرمایا:اگر مجھے اس کے مرنے کی خبر ہوتی تو میں اسے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنے کی اجازت نہ دیتا۔ کیونکہ اس نے اتنا سارا مال رکھتے ہوئے کچھ بھی اپنے بچوں کے لیے پیچھے نہیں چھوڑا ہے اور سارا مال اللہ کی راہ میں دے دیا۔ وصیت نہایت دقیق اور باریک بینی والا کام ہے۔ خدا نخواستہ اس معاملے میں بے توجہی کی جائے تو بعد میں فتنہ و فساد اور ناراضگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔ جس کی وجہ سے انسان کے سارے نیک کام محو ہوسکتے ہیں۔ بعض اوقات انسان ساٹھ سال عبادت کرتا ہے لیکن اگر وہ وصیت کرتے وقت ناانصافی کرے تو وہ آدمی دوزخ میں جائے گا۔ انسان اپنے ترکہ کے ایک تہائی کے متعلق وصیت کرسکتا ہے اگر کوئی آدمی اپنے ترکہ کے ایک تہائی سے زیادہ حصے کے بارے وصیت کرے تو ایک تہائی سے زیادہ حصہ کے متعلق وصیت پر عمل کرنے کے لیے اس کے وارثوں سے اجازت لینا ہوگا۔ مرنے کے بعد انسان کا اعمال نامہ بند ہوجاتا ہے لیکن بعض امور جیسے وصیت کیے گئے نیک کاموں کا ثواب اس کے اعمال نامہ میں درج ہونے کا سلسلہ باقی رہتاہے (اِذَا حَضَرَ اَحَدَکُمُ الۡمَوۡتُ ۔۔۔الۡوَصِیَّۃُ)۔ وصیت میں والدین اور قریبی رشتہ داروں کے لیے وراثت کے علاوہ کچھ حصہ مخصوص کیا جائے (الۡوَصِیَّۃُ لِلۡوَالِدَیۡنِ وَ الۡاَقۡرَبِیۡنَ)۔ وصیت نہ کرنا دوسروں کے حقوق بارے لاپرواہی ہے (الۡوَصِیَّۃُ ۔۔۔ حَقًّا عَلَی الۡمُتَّقِیۡنَ)۔

آیت ۱۸۱:

اس آیت میں ان افراد کو خبردار کیا گیا ہے جو وصیت کو تبدیل کرنے کے درپے ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ انہیں آخرت میں اس خیانت کا خمیازہ بھگتنا ہو گا۔ حدیث میں ہے کہ اگر یہودی یا نصرانی کے لیے بھی وصیت کی گئی ہو تو اسے تبدیل مت کرو۔ حق مالکیت موت کے بعد بھی محفوظ ہے، کسی کو وصیت تبدیل کرنے کا حق نہیں ( فَمَنۡۢ بَدَّلَہٗ ۔۔۔ فَاِنَّمَاۤ اِثۡمُہٗ)۔ اس بات پر ایمان کہ ہم اللہ تعالیٰ کے حضور میں ہیں، تقویٰ اور وصیت میں تبدیلی لانے سے گریز کرنے کے لیے بہترین وسیلہ ہے(فَمَنۡۢ بَدَّلَہٗ ۔۔۔اِنَّ اللّٰہَ سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 182 تا 186
فَمَنۡ خَافَ مِن مُّوصٖ جَنَفًا أَوۡ إِثۡمٗا فَأَصۡلَحَ بَيۡنَهُمۡ فَلَآ إِثۡمَ عَلَيۡهِۚ إِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ١٨٢ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ كُتِبَ عَلَيۡكُمُ ٱلصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى ٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِكُمۡ لَعَلَّكُمۡ تَتَّقُونَ ١٨٣ أَيَّامٗا مَّعۡدُودَٰتٖۚ فَمَن كَانَ مِنكُم مَّرِيضًا أَوۡ عَلَىٰ سَفَرٖ فَعِدَّةٞ مِّنۡ أَيَّامٍ أُخَرَۚ وَعَلَى ٱلَّذِينَ يُطِيقُونَهُۥ فِدۡيَةٞ طَعَامُ مِسۡكِينٖۖ فَمَن تَطَوَّعَ خَيۡرٗا فَهُوَ خَيۡرٞ لَّهُۥۚ وَأَن تَصُومُواْ خَيۡرٞ لَّكُمۡ إِن كُنتُمۡ تَعۡلَمُونَ ١٨٤ شَهۡرُ رَمَضَانَ ٱلَّذِيٓ أُنزِلَ فِيهِ ٱلۡقُرۡءَانُ هُدٗى لِّلنَّاسِ وَبَيِّنَٰتٖ مِّنَ ٱلۡهُدَىٰ وَٱلۡفُرۡقَانِۚ فَمَن شَهِدَ مِنكُمُ ٱلشَّهۡرَ فَلۡيَصُمۡهُۖ وَمَن كَانَ مَرِيضًا أَوۡ عَلَىٰ سَفَرٖ فَعِدَّةٞ مِّنۡ أَيَّامٍ أُخَرَۗ يُرِيدُ ٱللَّهُ بِكُمُ ٱلۡيُسۡرَ وَلَا يُرِيدُ بِكُمُ ٱلۡعُسۡرَ وَلِتُكۡمِلُواْ ٱلۡعِدَّةَ وَلِتُكَبِّرُواْ ٱللَّهَ عَلَىٰ مَا هَدَىٰكُمۡ وَلَعَلَّكُمۡ تَشۡكُرُونَ ١٨٥ وَإِذَا سَأَلَكَ عِبَادِي عَنِّي فَإِنِّي قَرِيبٌۖ أُجِيبُ دَعۡوَةَ ٱلدَّاعِ إِذَا دَعَانِۖ فَلۡيَسۡتَجِيبُواْ لِي وَلۡيُؤۡمِنُواْ بِي لَعَلَّهُمۡ يَرۡشُدُونَ ١٨٦
ترجمہ
جو شخص یہ خوف محسوس کرے کہ وصیت کرنے والے نے(وارثوں کے حقوق بارے) جانبداری یا گناہ کا ارتکاب کیا ہے(اور ناحق وصیت کی ہےتو) وہ آپس میں صلح کرا دے تو اس پر کوئی گناہ نہیں، بلاشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(۱۸۲) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! روزہ تمہارے اوپر فرض ہے جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض تھا، یہ اس لیے ہے تاکہ تم لوگ تقویٰ اختیار کرو۔(۱۸۳) گنتی کے چند دنوں کا روزہ تمہارے اوپر فرض کیا گیا ہے، لیکن تم میں سے جو شخص بیمار ہو یا مسافر ہو تو اتنی ہی تعداد میں بعد میں روزہ قضا رکھ لے اور جن افراد میں روزہ رکھنے کی طاقت نہیں تو ان پر لازم ہے کہ ان ایام کا کفارہ کھانا کھلانے کی صورت میں دیں، جو شخص اپنی مرضی سے زیادہ نیک عمل کرے تو اس کے لیے بہتر ہے اور روزہ رکھنا تمہارے لیے بہتر ہے اگر تمہیں روزہ رکھنے کے فوائد کا علم ہو۔(۱۸۴) رمضان کے مہینہ میں قرآن نازل ہوا ہے، یہ ایسی کتاب ہے جو ہدایت دینے والی ہے اور روشن دلائل کے ساتھ حق کو باطل سے جدا کرنے کا وسیلہ ہے، پس تم میں سے جو اس مہینے کو پائے تو وہ روزہ رکھے اور جو بیمار ہو یا سفر میں ہو تو وہ دوسرے دنوں میں اسی تعداد میں روزے رکھے، اللہ تمہارے لیے آسانی چاہتا ہے، دشواری اور مشکل نہیں چاہتا، روزہ کی قضا اس لیے ہے تاکہ طے شدہ روزوں کی تعداد کو پورا کردو، اس لحاظ سے کہ اللہ نے تمہارے لیے ہدایت کا انتظام کیا ہے، اسے عظمت کے ساتھ یاد کرو تاکہ تم اس طرح شکر گزاروں سے ہوجاؤ۔(۱۸۵) اور (اے رسول!) جب تجھ سے میرے بندے میرے بارے سوال کریں تو ان سے کہہ دو کہ سچ یہ ہے کہ میں(ان سے) نزدیک ہوں، دعا مانگنے والے کی دعا کو قبول کرتا ہوں، تو وہ بھی میری دعوت کو قبول کریں اور میرے اوپر ایمان لے آئیں تاکہ اس طرح وہ رشد و کمال کو پہنچ جائیں۔(۱۸۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۸۲:

اسلام نے وصیت کو تبدیل کرنے سے منع کیا ہے لیکن اگر وصیت اسلامی اصولوں کے خلاف ہو تو اس میں تبدیلی لانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ جیسے اگر وصیت کرنے والے نے اپنے اموال کے ایک تہائی سے زیادہ کے بارے وصیت کی ہو تو اس کی وصیت ایک تہائی پر نافذ ہوگی اور اس سے زیادہ پر اس کی وصیت پر عمل نہیں کیا جائے گا۔ یا اگر وصیت ایسی ہو کہ جس کی وجہ سے فتنہ اور فساد کا خطرہ ہو تو حاکم شرع کی نظارت میں اس میں اصلاح کی جائے۔ وصیت میں اہم اور زیادہ اہم کے ضابطہ کا لحاظ رکھا جائے، وصیت پر عمل کرنا اہم ہے جبکہ فتنہ و فساد سے بچنا اس سے بھی زیادہ اہم ہے (فَمَنۡ خَافَ۔۔۔فَاَصۡلَحَ بَیۡنَہُمۡ فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ)۔

آیت ۱۸۳:

تقویٰ، خود کو گناہ سے بچانا ہے۔ دو چیزیں گناہ کا سرچشمہ بنتی ہیں: ۱۔غصہ، ۲۔ شہوت۔ روزہ ان دو حالتوں کے ابھارنے کو روکتا ہے جس کی وجہ سے فساد اور خرابیوں میں کمی آجاتی ہے اور تقویٰ کی حالت بڑھتی ہے۔ روزہ کی برکات اور اثرات: ۱۔ روزہ کا اہم ترین اثر تقویٰ اور خدا ترسی ہے۔ عبادات میں صرف روزہ ایسی عبادت ہے جو مخفیانہ انجام دی جاتی ہے۔ نماز، حج، زکات، خمس اور جہاد کو لوگ دیکھ رہے ہوتے ہیں لیکن روزہ دیکھنے کا عمل نہیں۔ ۲۔ روزہ انسان کی قوت ارادی کو مضبوط کرتا ہے۔ جس شخص نے ایک ماہ تک چند گھنٹے خود کو کھانے پینے، بیوی اور دیگر منع شدہ چیزوں سے دور رکھتا ہے تو وہ دوسروں کی ناموس پر دست درازی اور ناجائز طور پر دوسروں کے اموال میں تصرف سے بھی رک جاتا ہے۔ جو ایک مہینہ تک بھوک کی حالت میں گزارتا ہے تو اسے دوسروں کی بھوک کا احساس ہوتا ہے۔ ۳۔ روزہ دار بھی ایک مہینہ فرشتوں جیسا بن جاتا ہے کہ فرشتے کھانے پینے اور شہوت سے دور ہیں۔ ۴۔ رسول خداﷺ نے فرمایا: جو شخص ایک ماہ روزہ رکھتا ہے تو اس کے سارے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں۔ تبلیغ کے شیوہ میں سے ایک یہ ہےکہ مشکل دستورات کو آسان بنا کر پیش کیا جائے۔ اس آیت میں ہے کہ روزہ کافرمان صرف تمہارے لیے نہیں دیا جارہا بلکہ تم سے پہلےجو امتیں گزری ہیں ان پر بھی روزہ فرض تھا (کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبۡلِکُمۡ)۔ قرآن مجید بعض احکام کے فلسفہ اور حکمت کو بھی بیان کرتا ہے جیسے روزہ کے متعلق بیان کیا ہے۔ کیونکہ اگر لوگوں کو پتہ ہو کہ اس عمل کا نتیجہ کیا ہو گا تو وہ اس کام میں زیادہ دلچسپی دیکھاتے ہیں (لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ)۔

آیت ۱۸۴:

اللہ تعالیٰ کے فرمان کے سامنے تسلیم ہونے کی قدر و قیمت ہے۔ اگر روزہ رکھنے کا فرمان دیا ہے تو روزہ رکھا جائے اور جب روزہ کھولنے کا حکم دیا جائے تو روزہ کھول دیا جائے۔ کچھ اصحاب سفر میں بھی روزہ رکھتے تھے اور سفر کے دوران روزہ کھولنے کو تیار نہ ہوتے تھے، رسول اللہﷺ نے ایسے افراد کو گنہگار قرار دیا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: اگر روزہ رکھنے کی وجہ سے بچے کو دودھ پلانے والی عورت کے دودھ کا کم ہونے کا خوف ہو تو ایسی عورت روزہ نہ رکھے۔ اسلام میں پیش آمدہ حالات کی مناسبت سے احکام وضع کئے جاتے ہیں، جیسے حالات ہوتے ہیں ویسا حکم ہوتا ہے۔ جیسے ان آیات میں مسافروں اور بیماروں کا حکم بیان ہوا ہے (فَمَنۡ کَانَ ۔۔۔ مَرِیۡضًا اَوۡ عَلٰی سَفَرٍ)۔ مسافر یا جو مریض روزہ نہیں رکھ سکتا وہ دوسرے ایام میں ان روزوں کی قضا کرے تاکہ روزہ کے فوائد سے بہرہ مند ہو سکے (فَعِدَّۃٌ مِّنۡ اَیَّامٍ اُخَرَ)۔ کسی بھی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے طاقت اور توانائی کا ہونا شرط ہے (عَلَی الَّذِیۡنَ یُطِیۡقُوۡنَہٗ)۔ شرعی احکام میں فقراء کو کھانا کھلانے پر خاص توجہ دی گئی ہے (طَعَامُ مِسۡکِیۡنٍ)۔ جو عبادات رغبت اور دلچپسی کے ساتھ انجام دئے جائیں وہ انسان کے رشد کا سبب اور انسان کو اللہ تعالیٰ کے زیادہ قریب کرنے کا وسیلہ ہیں (فَمَنۡ تَطَوَّعَ)۔

آیت ۱۸۵:

رمضان کا لفظ ’’رمض‘‘ سے ہے جس کا معنی جلا دینا ہے، ایسا جلا دینا جس میں دھواں اور راکھ نہ ہو۔ اس مہینے کو رمضان کہنے کا سبب یہ ہے کہ اس مہینے میں انسان کے گناہ مٹا دئیے جاتے ہیں۔ سال کے بارہ مہینوں میں سے صرف رمضان کے مہینے کا نام قرآن مجید میں ذکر ہوا ہے۔ شب قدر اسی مہینہ میں ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا بہترین مہینہ ہے۔ پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: ماہ رمضان بہترین مہینہ ہے۔ یہ مہینہ اللہ تعالیٰ کی مہمان نوازی کا مہینہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مہینے میں بندوں کو اپنا مہمان بناتا ہے۔ ماہ رمضان میں مومنوں کو اللہ کی مہمانی پر بلایا گیا ہے۔ اس مہینہ کی چند خصوصیات ہیں: اس میں میزبان خود اللہ تعالیٰ ہے، خود اللہ تعالیٰ نے مہمانوں کو دعوت دی ہے۔ اس مہینے کی مہمان نوا زی میں شب قدر، دعا کی قبولیت اور دوزخ سے نجات ہے۔ مہمان نوازی کا وقت ماہ رمضان ہے۔ احادیث میں ہے کہ اس مہینے کا آغاز رحمت ہے، درمیانی حصہ مغفرت ہے اور اس کا آخری حصہ اجر و ثواب ہے۔ اس مہینے کی مہمان نوازی کا یہ عالم ہے کہ اسی مہینے میں پورے سال کی ضروریات شب قدر میں پوری کردی جاتی ہیں۔ اس ماہ کی غذا، روح کی غذا ہے جو معنوی رشد و کمال کے لیے ضروری ہے، یہ جسمانی غذا نہیں بلکہ روحانی غذا ہے۔ اس مہینے میں انسان کی روحانی غذا قرآن مجید کی آیات ہیں کہ اس مہینہ میں ایک آیت کی تلاوت کا ثواب دوسرے مہینوں میں پورے قرآن کی تلاوت جتنا ہے۔ مہمان نوازی کے آداب: وسائل الشیعہ میں ایک حدیث ہے جس میں روزہ کے آداب بیان ہوئے ہیں جن میں سے کچھ اس طرح ہیں: روزہ دار جھوٹ نہ بولے، بے جا بحث و مباحثہ نہ کرے، غیبت نہ کرے، حق کی مخالفت نہ کرے، فحش گوئی نہ کرے، ڈانٹ ڈپٹ اور غصہ نہ کرے، بات بات پر تیش میں نہ آئے، دوسروں کو طعنہ نہ دے، دوسروں پر ظلم نہ کرے، لوگوں کو اذیت نہ دے، غفلت نہ برتے، گنہگاروں سے میل جول نہ رکھے، چغلخوری نہ کرے، حرام نہ کھائے، نماز ادا کرے، سچ بولے، سچ سنے اور قیامت کو یادکرے۔ اس مہمان نوازی میں داخل ہونے کی شرط: اس میں فقط بھوک اور پیاس کو برداشت کرنا نہیں۔ حدیث میں ہے کہ جو شخص آسمانی رہبروں کی اطاعت سے بغاوت کرے یا خاندانی مسائل یا ذاتی حوالوں سے اپنی بیوی سے بداخلاقی کرے یا اس کے جائز مطالبات کو پورا نہ کرے یا والدین کو ناراض کرے تو ایسے شخص کا روزہ قبول نہیں ہے۔ مریض اور مسافر پر روزے کی قضا واجب ہے (فَعِدَّۃٌ مِّنۡ اَیَّامٍ اُخَرَ)۔ اللہ تعالیٰ کے احکام میں آسانی ہے اور یہ احکام انسان کی طاقت کے مطابق ہیں (یُرِیۡدُ اللّٰہُ بِکُمُ الۡیُسۡرَ)۔ روزہ انسان کے لیے ہدایت کا وسیلہ اور اس کی طرف سے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کا عمل ہے (لِتُکَبِّرُوا اللّٰہَ عَلٰی مَا ہَدٰىکُمۡ وَ لَعَلَّکُمۡ تَشۡکُرُوۡنَ)۔

آیت ۱۸۶:

دعا کرنے والا اس قدر اللہ تعالیٰ کامحبوب ہے کہ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے اس پر اپنے لطف و کرم کی خاطر سات مرتبہ متکلم وحدہ کی ضمیر لائی ہے۔ اگر بندے میرے بارے سوال کریں تو ان سے یہ کہو، میں ان کے قریب ہوں، جب دعا کریں تو میں دعا کو قبول کرتا ہوں، لہذا میرے اوپر ایمان لے آئیں، میری دعوت کو قبول کریں۔ قرآن میں دعا کے لیے آداب ہیں جو اس طرح ہیں: ۱۔ دعا خالصانہ ہو (فَادۡعُوا اللّٰہَ مُخۡلِصِیۡنَ لَہُ الدِّیۡنَ)’’غافر، ۱۴‘‘ ۲۔ خاموشی اور تضرع و زاری کے ساتھ دعا کی جائے (اُدۡعُوۡا رَبَّکُمۡ تَضَرُّعًا وَّ خُفۡیَۃً)’’اعراف، ۵۵‘‘ ۳۔ دعا امید اور خوف کی حالت میں کی جائے (ادۡعُوۡہُ خَوۡفًا وَّ طَمَعًا) ’’اعراف، ۵۵‘‘ ۴۔ اطمینان اور آرام کی حالت میں دعا کی جائے (اِذۡ نَادٰی رَبَّہٗ نِدَآءً خَفِیًّا)’’مریم، ۳‘‘ سوال: کیا وجہ ہے کہ بعض دفعہ ہماری دعا قبول نہیں ہوتی؟ جواب: دعا کے قبول نہ ہونے کی وجہ یا تو یہ ہو سکتی ہے کہ دعا کرنے والے نے خدا سے جو چاہا ہے وہ اس کے حق میں بہتر نہیں ہے، حقیقت میں وہ دعا مانگنے والے کے لیے نقصان دہ ہے۔ یا خیر تو ہے لیکن دعا مانگنے والے نے خالصانہ اور صادقانہ دعا نہیں مانگی، اس میں غیر خدا کی جانب بھی توجہ تھی، یا دعا تو خالصانہ مانگی گئی تھی لیکن اس دعا کی قبولیت ہمارے مفاد میں نہ تھی جیسا کہ روایات میں مذکور ہے۔ اس صورت میں اس کی دعا کی قبولیت کے بدلے میں کوئی مصیبت جو اس پر آنے والی تھی جس کا اس بندے کو پتہ نہیں تھا، اس دعا کی برکت سے وہ مصیبت ٹال دی جاتی ہے، یا اس کا اجر دعا مانگنے والے یا اس کی نسل کے لیے ذخیرہ کردیا جاتا ہے یا آخرت میں اس کا اجر مل جاتا ہے۔ دعا کا مطلب کام و محنت و سعی کوشش کو چھوڑ دینا نہیں ہوتا۔ حدیث میں ہے : جو آدمی تلاش و کوشش کے بغیر فقط دعا سے سب کچھ حل کرنا چاہتا ہے تو ایسے آدمی کی دعا قبول نہیں ہوتی۔ روزہ کی آیت کے بعد دعا کی آیت کو ذکر کرنا شاید اس بات کی جانب اشارہ ہو کہ ماہ رمضان اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے اور اس مہینہ میں دعا کرنا زیادہ مناسب اور بہتر ہے۔ دعا جہاں اور جس وقت بھی کی جائے مفید ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میں بندے کے قریب ہوں (فَاِنِّیۡ قَرِیۡبٌ)، اس لیے دعا کے لیے اگر خاص مقامات اور اوقات ذکر ہوئے ہیں تو اس کا مقصد ان مقامات اور اوقات کی فضیلت کو بیان کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے قریب ہے، اگر کبھی ہمارے اوپر اللہ کا غضب ہوتا ہے تو وہ ہماری اپنی وجہ سے ہے کہ اللہ سے ہم دور ہوجاتے ہیں اور اس دوری کا سبب ہمارے گناہ ہوتے ہیں(فَاِنِّیۡ قَرِیۡبٌ)۔ اگرچہ اللہ تعالیٰ سب کچھ جانتا ہے لیکن دعا کرنا ہماری ذمہ داری ہے (فَلۡیَسۡتَجِیۡبُوۡا لِیۡ)۔ دعا اس وقت قبول ہوتی ہے جب ایمان کے ساتھ ہو (وَ لۡیُؤۡمِنُوۡا بِیۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 187 تا 190
أُحِلَّ لَكُمۡ لَيۡلَةَ ٱلصِّيَامِ ٱلرَّفَثُ إِلَىٰ نِسَآئِكُمۡۚ هُنَّ لِبَاسٞ لَّكُمۡ وَأَنتُمۡ لِبَاسٞ لَّهُنَّۗ عَلِمَ ٱللَّهُ أَنَّكُمۡ كُنتُمۡ تَخۡتَانُونَ أَنفُسَكُمۡ فَتَابَ عَلَيۡكُمۡ وَعَفَا عَنكُمۡۖ فَٱلۡـَٰٔنَ بَٰشِرُوهُنَّ وَٱبۡتَغُواْ مَا كَتَبَ ٱللَّهُ لَكُمۡۚ وَكُلُواْ وَٱشۡرَبُواْ حَتَّىٰ يَتَبَيَّنَ لَكُمُ ٱلۡخَيۡطُ ٱلۡأَبۡيَضُ مِنَ ٱلۡخَيۡطِ ٱلۡأَسۡوَدِ مِنَ ٱلۡفَجۡرِۖ ثُمَّ أَتِمُّواْ ٱلصِّيَامَ إِلَى ٱلَّيۡلِۚ وَلَا تُبَٰشِرُوهُنَّ وَأَنتُمۡ عَٰكِفُونَ فِي ٱلۡمَسَٰجِدِۗ تِلۡكَ حُدُودُ ٱللَّهِ فَلَا تَقۡرَبُوهَاۗ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ ءَايَٰتِهِۦ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمۡ يَتَّقُونَ ١٨٧ وَلَا تَأۡكُلُوٓاْ أَمۡوَٰلَكُم بَيۡنَكُم بِٱلۡبَٰطِلِ وَتُدۡلُواْ بِهَآ إِلَى ٱلۡحُكَّامِ لِتَأۡكُلُواْ فَرِيقٗا مِّنۡ أَمۡوَٰلِ ٱلنَّاسِ بِٱلۡإِثۡمِ وَأَنتُمۡ تَعۡلَمُونَ ١٨٨ ۞ يَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلۡأَهِلَّةِۖ قُلۡ هِيَ مَوَٰقِيتُ لِلنَّاسِ وَٱلۡحَجِّۗ وَلَيۡسَ ٱلۡبِرُّ بِأَن تَأۡتُواْ ٱلۡبُيُوتَ مِن ظُهُورِهَا وَلَٰكِنَّ ٱلۡبِرَّ مَنِ ٱتَّقَىٰۗ وَأۡتُواْ ٱلۡبُيُوتَ مِنۡ أَبۡوَٰبِهَاۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ لَعَلَّكُمۡ تُفۡلِحُونَ ١٨٩ وَقَٰتِلُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ ٱلَّذِينَ يُقَٰتِلُونَكُمۡ وَلَا تَعۡتَدُوٓاْۚ إِنَّ ٱللَّهَ لَا يُحِبُّ ٱلۡمُعۡتَدِينَ ١٩٠
ترجمہ
ماہ رمضان کی راتوں میں بیویوں کے ساتھ ہمبستری تمہارے لیے حلال ہے، بیویاں تمہارا لباس ہیں اور تم ان کے لباس ہو، اللہ جانتا ہے کہ تم اپنے ساتھ خیانت کرتے تھے(بیویوں سے ہمبستری جو ممنوع تھی تم اسے انجام دیتے تھے) پس اللہ نے تمہاری توبہ کو قبول کرلیا، اللہ نے تم سے درگزر کردیا، اب تم ان کے ساتھ ہمبستر ہوسکتے ہو، اللہ نے جو تمہارے اوپر فرض کیا ہے اسے انجام دو، تم کھاؤ پیو یہاں تک کہ صبح کی سفیدی رات کی سیاہی سے جدا ہوجائے اور تمہارے اوپر آشکار ہوجائے تو پھر تم روزہ کو رات تک رکھو اور اس حالت میں جب تم نے مساجد میں اعتکاف کیا ہو تم اپنی بیویوں سے ہمبستری مت کرو، یہ اللہ کے حلال و حرام کی حدود ہیں، ان حدود کو مت پھلانگو ، اللہ اس طرح اپنی آیات کو لوگوں کے لیے واضح و روشن بیان کرتا ہے تاکہ وہ تقویٰ اپنانے والے بن جائیں۔(۱۸۷) دوسروں کے اموال کو ناحق طور پر آپس میں مت کھاؤ، لوگوں کے اموال سے کچھ حصہ گناہ کے طور پر کھا لینا اور رشوت کے طور پر حکمرانوں اور قاضیوں کی جیبوں میں مت ڈالو جبکہ تم خود جانتے ہو کہ ایسا کرنا گناہ ہے۔(۱۸۸) لوگ تم سے چاند بارے سوال کرتے ہیں تو تم ان سے کہہ دو کہ چاند کا حساب اس لیے قرار دیا ہے کہ تم اپنے کاموں کے اوقات اور حج کے ایام سے آگاہ ہو سکو، نیکی یہ نہیں ہے کہ (حج کے احرام کی حالت میں) گھروں کے پیچھے سے داخل ہوجاؤ بلکہ نیکی تو یہ ہے کہ تقویٰ اختیار کرو اور دروازوں سے گھروں میں داخل ہوجاؤ، اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تاکہ تم کامیاب ہوجاؤ۔(۱۸۹) جو تمہارے ساتھ جنگ کرتے ہیں تم ان کے خلاف اللہ کی راہ میں جہاد کرو لیکن حد سے آگے نہ بڑھو، اللہ حد سے آگے بڑھنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(۱۹۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۸۷:

اسلام کے آغاز میں دن کے علاوہ راتوں میں بھی بیوی سے ہمبستری کرنا ممنوع تھا۔ اسی طرح رات کے ایک طے شدہ وقت میں افطار کرنا ہوتا تھا۔ اگر روزہ دار سو جاتا تو بیدار ہونے کے بعد اسے غذا کھانے کا حق نہ تھا۔ کچھ مسلمان اس حکم کے باوجود اپنی بیویوں سے ہمبستری کرتے تھے لیکن کچھ مسلمان تمام تر سختی کے باوجود بیداری کے بعد نہیں کھاتے تھے اور اپنی بیویوں سے ہمبستری بھی نہیں کرتے تھے۔ ایک دفعہ پیغمبراکرمﷺ کے اصحاب میں سے ایک نے عرض کیا کہ غذا حاضر ہونے میں دیر ہوگئی تو اسے نیند آگئی اور جب بیدار ہوا تو اس نے اپنے آپ سے کہا کہ مجھے کھانا کھانے کی اجازت نہیں ہے لہذا اس نے کھانا کھائے بغیر روزہ رکھ لیا اور جنگ خندق کے دوران خندق کھودنے کے لیے حاضر ہوگیا اور خندق کھودتے ہوئے بھوک اور پیاس کی وجہ سے بے حال ہوکر بے ہوش ہوگیا۔ اس وقت یہ آیت نازل ہوئی کہ طلوع فجر تک کھانا کھانے کی اجازت ہے اور ماہ رمضان کی راتوں میں اپنی بیویوں سے ہمبستری کرنا بھی جائز ہے۔ اللہ تعالٰی نے تمہارے لیے اس فریضہ کو آسان کردیا ہے اور تمہاری گذشتہ خطاؤں کو معاف کردیا ہے۔ اعتکاف دنیا سے کٹ جانا اور اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آجانا ہے۔ پیغمبراکرمﷺ تمام تر مشکلات اور مصروفیتوں کے باوجود بعض دفعہ چند دنوں کے لیے مسجد میں اعتکاف بیٹھتے تھے، کیونکہ اعتکاف انسان کی روح کو پاکیزہ اور صاف و شفاف بنا دیتا ہے۔ اس حوالے سے کہ اعتکاف کے علاوہ بھی مسجد میں اپنی بیوی سے ہمبستری کرنا ممنوع ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ (عٰاکِفُوۡنَ) سے مسجد میں ٹھہرنا مراد ہو، اس جگہ مخصوص عبادت کے لیے اعتکاف مراد نہ ہو۔ اس آیت میں میاں بیوی کو ایک دوسرے کے لیے لباس سے تشبیہ دی گئی ہے، اس میں بہت سارے نکات پوشیدہ ہیں جن میں سے کچھ اس طرح ہیں: انسان کا لباس ایسا ہو جو اس کے جسم، بناوٹ اور رنگ سے مطابقت رکھتا ہو، اسی طرح میاں بیوی بھی ایک دوسرے کے ہم کفو ہوں، ان کی سوچ، ثقافت اور شخصیت ایک دوسرے کے ساتھ مطابقت رکھتی ہو۔ لباس انسان کے عیبوں کو چھپاتا ہے، اسی طرح شوہر اور بیوی بھی ایک دوسرے کے عیبوں پر پردہ ڈالتے ہیں، ایک دوسرے کی کمزوریوں پر پردہ ڈالتے ہیں۔ لباس انسان کو گرمی سردی سے بچاتا ہے، اسی طرح میاں بیوی گھر کے ماحول کو گرم رکھتے ہیں اور زندگی کا دوستانہ ماحول ٹھنڈا ہونے سے بچاتے ہیں۔ احکام میں تخفیف دین اسلام کی خصوصیات سے ہے(اُحِلَّ لَکُمۡ)۔ جب بھی تم ایک راستہ کو بند کرتے ہو تو دوسرے راستے کو کھلا چھوڑدو۔ اللہ تعالیٰ نے ماہ رمضان میں دن کے وقت بیوی سے ہمبستری کرنے سے منع کیا ہے تو رات کے وقت ہمبستری کرنے کی اجازت دے دی ہے(اُحِلَّ لَکُمۡ لَیۡلَۃَ الصِّیَامِ)۔ اسلام نے انسان کی فطری ضروریات پوری کرنے پر خاص توجہ دی ہے(الرَّفَثُ اِلٰی نِسَآئِکُمۡ)۔ شوہر اور بیوی ایک دوسرے کی فطری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک دوسرے کے محتاج ہیں (ہُنَّ لِبَاسٌ لَّکُمۡ وَ اَنۡتُمۡ لِبَاسٌ لَّہُنَّ)۔ اللہ تعالیٰ کے دستورات کی خلاف ورزی اپنے اوپر ظلم ہے (تَخۡتَانُوۡنَ اَنۡفُسَکُمۡ)۔ اسلامی احکام کا معیار سادہ، فطری اور عمومی ہے، صبح کی سفیدی کا ظاہر ہونا یا تاریکی کا سفیدی سے جدا ہونا ایسی نشانی ہے جسے ہر شخص جہاں بھی ہو آسانی سے سمجھ سکتا ہے (یَتَبَیَّنَ لَکُمُ الۡخَیۡطُ الۡاَبۡیَضُ مِنَ الۡخَیۡطِ الۡاَسۡوَدِ)۔ عبادات میں وقت کے کردار کو نہ بھولیں (اَتِمُّوا الصِّیَامَ اِلَی الَّیۡلِ)۔ گناہ کے اسباب کی روک تھام ضروری ہے، قرآن مجید کہتا ہے کہ گناہ کے نزدیک نہ جاؤ کیونکہ گناہ کے قریب ہونا گناہ کے ارتکاب کا سبب بنتا ہے (فَلَا تَقۡرَبُوۡہَا)۔ اسلامی احکام کا فلسفہ تقویٰ کا حصول ہے، روزہ کا مقصد بھی تقویٰ کا حصول ہے نیز جائز طریقہ سے جنسی خواہش کو پورا کرنا بھی تقویٰ کا سبب ہے(لَعَلَّہُمۡ یَتَّقُوۡنَ)۔

آیت ۱۸۸:

رشوت ان بڑے گناہوں میں سے ہے جس کے معاشرے پر بہت سارے برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔منجملہ معاشرہ کے ضعیف طبقات کے لیے ناامیدی اور مایوسی کا سبب ہے، طاقتوروں میں دوسروں پر ظلم کرنے اور ان کا حق کھانے کی جرائت پیدا ہوجاتی ہے، قضات اور حکمرانوں کے بگڑ جانے کا سبب ہوتا ہے جس کی وجہ سے معاشرے کے افراد کا حکمرانوں اور قاضیوں پر اعتماد نہیں رہتا۔ رسول اکرمﷺنے فرمایا: (مِنَ السُّحْتِ ثَمَنُ الْمَيْتَةِ وَ الْكَلْبِ وَ الْخَمْرِ وَ مَهْرُ الزَانِیَۃِ وَ الرِشْوَۃِ فِی الحکم) مردار، کتے اور شراب کی قیمت اور زانیہ عورت کا مہر لینا اور فیصلہ میں رشوت لینا حرام ہے۔ رسول اکرمﷺنے فرمایا: رشوت لینا، رشوت دینا اور رشوت کے لیے واسطہ بننا لعنت کا سبب ہے، رشوت لینے والا بہشت کی خوشبو سے محروم ہوگا۔ کچھ لوگ دستورات الٰہی کی خلاف ورزی کے لیے جواز پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جیسے رشوت کو تحفہ، زحمتوں کا عوض، پیار و دوستی کا تقاضا جیسے عناوین دیتے ہیں۔ ایک دفعہ اشعث بن قیس نامی شخص نے حضرت علی علیہ السلام کے گھر مٹھائی ’’حلوہ‘‘ بھیج دیا تاکہ اس طرح فیصلہ دیتے وقت امیرالمومنین علیہ السلام اس کے حق میں فیصلہ دیں۔ امیرالمومنین علیہ السلام نے قسم اٹھا کر فرمایا کہ اگر پوری کائنات مجھے دی جائے کہ میں ناحق طور پر جو کا چھلکا چیونٹی کے منہ سے لے لوں تو ایسا نہ کروں گا۔ کسی چیز کی مالکیت صحیح راستہ سے حاصل کی جائے، ناحق طریقوں اور رشوت کے ذریعہ حاصل کئے گئے مال کا انسان مالک نہیں بنتا اور اس کو استعمال کرنا بھی جائز نہیں (وَ لَا تَاۡکُلُوۡۤا اَمۡوَالَکُمۡ بَیۡنَکُمۡ بِالۡبَاطِلِ)۔ معاشرہ جسم واحد کی مانند ہے (اَمۡوَالَکُمۡ بَیۡنَکُمۡ)۔ وہ لغزشیں اور خطائیں زیادہ خطرناک ہوتی ہیں جنہیں جان بوجھ کر انجام دیا جائے (وَ اَنۡتُمۡ تَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۱۸۹:

(مَوَاقِیۡت)میقات کی جمع ہے جو معین جگہ یا معین وقت پر بولا جاتا ہے جو مخصوص کام کے لیے ہوتا ہے۔ اسلام کے امتیازات میں سے ایک یہ ہے کہ وہ اپنے پیروکاروں کو فطری معیارات پیش کرتاہے۔ نماز کے اوقات کے لیے سورج کے طلوع و غروب اور زوال کا وقت قرار دیا ہے۔ ماہ رمضان کے آغاز و اختتام اور حج کے اعمال کے لیے چاند کی پہلی تاریخ قرار دیا ہے۔ چاند کی مختلف شکلوں کو ایک عمومی کلینڈر قرار دیا ہے جو ہر شخص کے دسترس میں ہے۔ اگر کسی کام کو انجام دینے کےمختلف طریقے موجود ہوں تو اسی طریقہ سے کام انجام دیا جائے جو فطری اور مناسب ہے۔ کسی بھی کام کو انجام دینے کے لیے مناسب وقت اور مناسب شیوہ اور طریقہ اپنانا ضروری ہے۔ سعادت اور خوش نصیبی کا بھی ایک راستہ ہے اس کے لیے اسی راستہ کو اپنائیں اور اس راستہ کو آسمانی کتابوں اور الٰہی رہبروں کے دستورات کے تحت طے کیا جائے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: اس آیت (وَ اۡتُوا الۡبُیُوۡتَ مِنۡ اَبۡوَابِہَا)سے مراد یہ ہے کہ ہر کام کو اس کے مناسب طریقہ اور راستہ سے انجام دیا جائے۔ پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: میں علم کا شہر ہوں اور علی علیہ السلام اس کا دروازہ ہے۔ چاند اور سورج کی حرکت دقیق زمان بندی کے تحت ہے جس کے تحت زندگی کے امور کو ترتیب دے سکتے ہیں (قُلۡ ہِیَ مَوَاقِیۡتُ لِلنَّاسِ)۔ اسلام نے جاہلیت کی خرافات کو مسترد کیا ہے (لَیۡسَ الۡبِرُّ بِاَنۡ تَاۡتُوا الۡبُیُوۡتَ مِنۡ ظُہُوۡرِہَا)۔ جب تم کسی غلط راستہ سے روکنا چاہو تو اس کے لیے درست متبادل راستہ بھی بتاؤ (لَیۡسَ الۡبِرُّ ۔۔۔وَ لٰکِنَّ الۡبِرَّ)۔ وقت کا خیال رکھنا، کاموں میں نظم و ضبط اور عبادات کے اوقات کا خیال رکھنا تقویٰ کے مصادیق سے ہے (مَوَاقِیۡتُ لِلنَّاسِ۔۔۔لَعَلَّکُمۡ تُفۡلِحُوۡنَ)۔ کامیابی کمال کی انتہا ہے، بہت سارے دستورات تقویٰ کے لیے ہیں اور تقویٰ کا مقصد کامیابی کا حصول ہے (اتَّقُوا اللّٰہَ لَعَلَّکُمۡ تُفۡلِحُوۡنَ)۔

آیت ۱۹۰:

اس آیت میں واضح حکم دیا گیا ہے کہ زیادتی کرنے والوں اور ظالموں کے خلاف جہاد کرو، اپنا دفاع کرو لیکن اس کے ساتھ یہ بھی یاد دلایا ہے کہ میدان جنگ میں بھی الٰہی حدود سے تجاوز نہ کیا جائے، بیماروں، بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے جن کا تم سے کچھ سروکار نہیں۔ نیز یہ کہ اسلام کی طرف دعوت دینے سے پہلے اسلحہ نہ اٹھاؤ اور جنگ شروع نہ کرو، جنگ کے دوران بھی انسانی جذبات کا خیال رکھو۔ مسلمانوں کی جنگ اپنے اور اللہ تعالٰی کے دین کے دفاع کے لیے ہے لیکن ان کے دشمنوں کی جنگ کا ہدف نور خدا کو بجھانا ہے (لِیُطۡفِـُٔوۡا نُوۡرَ اللّٰہِ بِاَفۡوَاہِہِمۡ)’’صف، ۸‘‘ اور یہ کہ مسلمانوں کو اپنے تابع بنائیں (وَ لَنۡ تَرۡضٰی عَنۡکَ الۡیَہُوۡدُ وَ لَا النَّصٰرٰی حَتّٰی تَتَّبِعَ مِلَّتَہُمۡ)’’بقرہ، ۱۲۰‘‘ اپنا دفاع کرنا انسانی حقوق میں سے ہے، جو بھی ہمارے خلاف جنگ چھیڑے تو ہم بھی اس کے ساتھ جنگ کرنے کا حق رکھتے ہیں (قَاتِلُوۡا۔۔۔الَّذِیۡنَ یُقَاتِلُوۡنَکُمۡ)۔ اسلامی نقطہ نظر سے جنگ کا مقصد زمین اور پانی کا حصول یا لوگوں کا استحصال یا انتقام لینا نہیں بلکہ اس کا مقصد حق کا دفاع کرنا ہے تا کہ معاشرہ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا خاتمہ کیا جاسکے اور انسانوں کو خرافات اور وہمیات سے نجات دی جا سکے (فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ جنگ میں بھی عدل و انصاف کا خیال رکھا جائے (قَاتِلُوۡا ۔۔۔ لَا تَعۡتَدُوۡا)۔ اپنے فطری حق کے دفاع میں بھی اللہ تعالیٰ کو یاد رکھا جائے، اگرچہ دشمن نے تمہارے خلاف جنگ چھیڑی ہو لیکن پھر بھی تم اللہ کی راہ میں اپنا دفاع کرو، اس میں اپنے ذاتی مسائل مد نظر نہ ہوں(فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 191 تا 196
وَٱقۡتُلُوهُمۡ حَيۡثُ ثَقِفۡتُمُوهُمۡ وَأَخۡرِجُوهُم مِّنۡ حَيۡثُ أَخۡرَجُوكُمۡۚ وَٱلۡفِتۡنَةُ أَشَدُّ مِنَ ٱلۡقَتۡلِۚ وَلَا تُقَٰتِلُوهُمۡ عِندَ ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِ حَتَّىٰ يُقَٰتِلُوكُمۡ فِيهِۖ فَإِن قَٰتَلُوكُمۡ فَٱقۡتُلُوهُمۡۗ كَذَٰلِكَ جَزَآءُ ٱلۡكَٰفِرِينَ ١٩١ فَإِنِ ٱنتَهَوۡاْ فَإِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ١٩٢ وَقَٰتِلُوهُمۡ حَتَّىٰ لَا تَكُونَ فِتۡنَةٞ وَيَكُونَ ٱلدِّينُ لِلَّهِۖ فَإِنِ ٱنتَهَوۡاْ فَلَا عُدۡوَٰنَ إِلَّا عَلَى ٱلظَّٰلِمِينَ ١٩٣ ٱلشَّهۡرُ ٱلۡحَرَامُ بِٱلشَّهۡرِ ٱلۡحَرَامِ وَٱلۡحُرُمَٰتُ قِصَاصٞۚ فَمَنِ ٱعۡتَدَىٰ عَلَيۡكُمۡ فَٱعۡتَدُواْ عَلَيۡهِ بِمِثۡلِ مَا ٱعۡتَدَىٰ عَلَيۡكُمۡۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ مَعَ ٱلۡمُتَّقِينَ ١٩٤ وَأَنفِقُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ وَلَا تُلۡقُواْ بِأَيۡدِيكُمۡ إِلَى ٱلتَّهۡلُكَةِ وَأَحۡسِنُوٓاْۚ إِنَّ ٱللَّهَ يُحِبُّ ٱلۡمُحۡسِنِينَ ١٩٥ وَأَتِمُّواْ ٱلۡحَجَّ وَٱلۡعُمۡرَةَ لِلَّهِۚ فَإِنۡ أُحۡصِرۡتُمۡ فَمَا ٱسۡتَيۡسَرَ مِنَ ٱلۡهَدۡيِۖ وَلَا تَحۡلِقُواْ رُءُوسَكُمۡ حَتَّىٰ يَبۡلُغَ ٱلۡهَدۡيُ مَحِلَّهُۥۚ فَمَن كَانَ مِنكُم مَّرِيضًا أَوۡ بِهِۦٓ أَذٗى مِّن رَّأۡسِهِۦ فَفِدۡيَةٞ مِّن صِيَامٍ أَوۡ صَدَقَةٍ أَوۡ نُسُكٖۚ فَإِذَآ أَمِنتُمۡ فَمَن تَمَتَّعَ بِٱلۡعُمۡرَةِ إِلَى ٱلۡحَجِّ فَمَا ٱسۡتَيۡسَرَ مِنَ ٱلۡهَدۡيِۚ فَمَن لَّمۡ يَجِدۡ فَصِيَامُ ثَلَٰثَةِ أَيَّامٖ فِي ٱلۡحَجِّ وَسَبۡعَةٍ إِذَا رَجَعۡتُمۡۗ تِلۡكَ عَشَرَةٞ كَامِلَةٞۗ ذَٰلِكَ لِمَن لَّمۡ يَكُنۡ أَهۡلُهُۥ حَاضِرِي ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ شَدِيدُ ٱلۡعِقَابِ ١٩٦
ترجمہ
وہ (مشرکین جو ہر قسم کی زیادتی کرتے ہیں) جہاں پر ہوں انہیں قتل کردو اور جس طرح انہوں نے تمہیں مکہ سے نکالا اسی طرح تم بھی انہیں مکہ سے نکال دو، یہ بات جان لو کہ فتنہ و فساد قتل سے زیادہ سخت ہے، مسجد الحرام کے قریب ان سے جنگ نہ کرو، مگر وہ افراد جو اس جگہ تم سے جنگ کریں تو تم بھی انہیں قتل کرو، کافروں کی سزا یہی ہے۔(۱۹۱) اگر وہ جنگ سے ہاتھ کھینچ لیں تو اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(۱۹۲) ان سے جنگ کرو تا کہ فتنہ و فساد باقی نہ رہے اور فقط اللہ ہی کا دین رہے اور اگر وہ دشمنی سے ہاتھ اٹھالیں تو ظالموں کے علاوہ کسی پر زیادتی نہ ہو۔(۱۹۳) حرمت والا مہینہ حرمت والے مہینے کے مقابلے میں ہے، اگر دشمنوں نے اس کے احترام کو پامال کیا تو تمہیں بھی حق ہے کہ تم بھی ان کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرو جیسا وہ تمہارے ساتھ کرتے ہیں، قاتل کی سزا قصاص ہے اور جس نے تمہارے اوپر حملہ کیا تو جیسے انہوں نے زیادتی کی ہے تم بھی ان پر حملہ کرو اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور جان لو کہ اللہ متقین کے ساتھ ہے۔(۱۹۴) اللہ کی راہ میں انفاق کرو اور اپنے آپ کو ہلاکت میں مت ڈالو، نیک عمل کرو کہ اللہ نیک عمل کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔(۱۹۵) حج اور عمرہ کو اللہ کی خاطر انجام دو اور اگر تمہیں حج انجام دینے سے روک دیا جائے تو تمہارے اوپر ہے کہ تم اتنی قربانی کرو جس قدر تم کرسکتے ہو، اپنے سروں کے بالوں کو کاٹ نہ دو مگر یہ کہ قربانی، قربان گاہ تک پہنچ جائے اور جو تم میں سے مریض ہے جس کی وجہ سے وہ حج کو مکمل نہ کر سکے یا اس کے سر میں تکلیف ہو اور وہ سر کو نہ مونڈوا سکے تو وہ اس کے بدلہ میں روزہ رکھے یا صدقہ دے یا گوسفند ذبح کرے، جب بیماری یا دشمن کے شر سے محفوظ ہوجائے تو جس کسی نے عمرہ تمتع کے بعد حج کے اعمال کا آغاز کردیا، قربانی سے جو میسر ہو اسے ذبح کرے اور جس کے پاس قربانی نہ ہو تو وہ اس کے بدلہ میں تین دن حج کے ایام میں روزہ رکھے اور سات دن واپس گھر جا کر رکھے تو یہ پورے دس روز ہوجائیں گے، یہ ان کے لیے ہے جن کا گھر مسجد الحرام(مکہ) کے پاس نہ ہو اور تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور یہ جان لو کہ بتحقیق اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔(۱۹۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۹۱:

اس آیت میں مشرکین کو مکہ سے نکالنے کے فرمان کی وجہ بیان کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ مشرکین کو اس لیے مکہ سے نکالنے کا حکم دیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے سالہا سال تمہیں اذیتیں پہنچائیں، تمہیں مکہ سے نکالا، بے گھر کیا۔ تکلیف پہنچانا قتل سے زیادہ سخت ہے لہذا ان کے ساتھ کسی قسم کی نرمی مت کرو۔ دشمن کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرو جیسا سلوک وہ تمہارے ساتھ کرتا ہے (وَ اقۡتُلُوۡہُمۡ)۔ وطن کا حق تمام ادیان میں قبول شدہ ہے، سب اس حق کو تسلیم کرتے ہیں (اَخۡرَجُوۡکُمۡ)۔ فتنہ پھیلانے والا، محارب’’جنگ کرنےوالے‘‘کی مانند ہے، اس کو سخت ترین سزا دی جائے (وَ اقۡتُلُوۡہُمۡ ۔۔۔ اَخۡرِجُوۡہُمۡ ۔۔۔وَ الۡفِتۡنَۃُ اَشَدُّ مِنَ الۡقَتۡلِ)۔ مسجد الحرام مقدس اور محترم ہے لیکن مسلمانوں کے خون کا احترام اس سے بھی زیادہ ہے، اس جگہ اہم اور زیادہ اہم کا مسئلہ ہے، زیادہ اہم، اہم پر مقدم ہے (وَ لَا تُقٰتِلُوۡہُمۡ عِنۡدَ الۡمَسۡجِدِ الۡحَرَامِ حَتّٰی یُقٰتِلُوۡکُمۡ)۔

آیت ۱۹۲:

مسلمان حقیقی جنگ بندی کو قبول کرتے ہیں (فَاِنِ انۡتَہَوۡا)۔ اسلام نے واپسی کا راستہ کھلا چھوڑا ہے، حتی یہ راستہ کافروں کے لیے بھی کھلا ہے (فَاِنِ انۡتَہَوۡا۔۔۔)۔ اگر کافر فتنہ انگیزی سے رک جائیں، جنگ بندی کریں اور ایمان لے آئیں تو انہوں نے ماضی میں جو جرائم کئے ہیں ان پر ان کی ملامت مت کرو (فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ)۔

آیت ۱۹۳:

(فِتۡنَۃ) کفر، شرک، آزمائش اور اذیت دینے کے معنی میں آیا ہے۔ یہ آیت بتا رہی ہے کہ اگر کافروں نے فتنہ و فساد اور قتل و غارت سے ہاتھ روک لیا تو پھر ان کے ساتھ جنگ اور دشمنی نہ ہوگی کیونکہ جنگ ظالموں اور زیادتی کرنے والوں کے ساتھ لڑی جاتی ہے۔ اسلامی نقطہ نظر سے جنگ کا ہدف شرک کا خاتمہ، دین کا نفاذ اور اللہ تعالٰی کے قانون کی بالادستی قائم کرنا ہے (حَتّٰی لَا تَکُوۡنَ فِتۡنَۃٌ وَّ یَکُوۡنَ الدِّیۡنُ لِلّٰہِ)۔ واپسی اور توبہ کا راستہ کسی کے لیے بند نہیں ہے، ہر حال میں یہ راستہ کھلا رہتا ہے اور سب کے لیے یہ راستہ موجود ہے اگرچہ وہ بدترین دشمن ہیں کیوں نہ ہو، اگر وہ اپنے رویہ کو بدل لیتا ہے تو اللہ تعالٰی اسے معافی دے دیتا ہے (فَاِنِ انۡتَہَوۡا فَلَا عُدۡوَانَ۔۔۔)۔

آیت ۱۹۴:

اسلام سے پہلے عربوں میں سال کے چار مہینوں کا خاص احترام تھا اور وہ ان مہینوں میں جنگ اورلڑائی جھگڑا کو ممنوع اور ناجائز سمجھے جاتے تھے اور سب عرب اس کی پابندی کرتے تھے۔ یہ چار مہینے ذی القعدہ، ذالحجہ، محرم اور رجب تھے۔ اسلام نے اس روایت کو قبول کیا اور ان چار مہینوں میں جنگ بندی کا اعلان کیا لیکن دشمن ہمیشہ کمین گاہ میں تھا، وہ ہر موقع سے غلط فائدہ اٹھاتا تھا اور خیال کرتا تھا کہ مسلمان پابند ہیں کہ وہ ان چار مہینوں میں جنگ نہ کریں، لہذا ہم ان ایام میں ان پر حملہ کردیتے ہیں۔ یہ آیت بیان کررہی ہے کہ اگر تمہارا دشمن ان چار مہینوں میں تمہارے اوپر حملہ کردے تو تم بھی ان پر حملہ کردو اور ماہ حرام کو ماہ حرام کے مقابلے میں قرار دو، کیونکہ مسلمانوں کے خون کا احترام ان مہینوں سے زیادہ ہے۔ اسلامی نظام کی حفاظت تمام چیزوں پر مقدم ہے۔ جس کسی نے ان مہینوں کی حرمت کو پامال کیا تو اس سے انتقام لیا جائے، قصاص کا قانون استعمال کیا جائے۔ اس حوالے سے ایک کلی قانون بیان کیا ہے کہ جو شخص تمہارے ساتھ زیادتی کرے تو تم بھی اتنی مقدار میں اس کو جواب دو، تقویٰ اپناؤ اور جتنی مقدار انہوں نے زیادتی کی ہے اتنی ہی مقدار میں تم ان کے خلاف کاروائی کرو اور قصاص لینے میں حد سے آگے نہ بڑھو اور یہ جان لو کہ اللہ تعالیٰ متقین کے ساتھ ہے۔ سارے اوقات ایک جیسے نہیں، بعض مہینوں کا خاص احترام ہے اور ان میں بعض اعمال ممنوع اور انہیں انجام دینا حرام ہے (اَلشَّہۡرُ الۡحَرَامُ)۔ اسلام جس طرح دوسروں پر زیادتی کرنے سے منع کرتا ہے اسی طرح دوسروں کے ظلم و زیادتی کو قبول کرنے سے بھی منع کرتا ہے (فَمَنِ اعۡتَدٰی عَلَیۡکُمۡ فَاعۡتَدُوۡا عَلَیۡہِ)۔ دشمنوں کے ساتھ بھی منصفانہ رویہ اپناؤ ( فَاعۡتَدُوۡا عَلَیۡہِ بِمِثۡلِ مَا اعۡتَدٰی عَلَیۡکُمۡ)۔ جنگ میں بھی عدل و انصاف کے اصولوں کی پابندی کرو تو الٰہی امدادات آپ کو ملیں گی، یہ خیال مت کرو کہ عدل و انصاف اور تقویٰ اختیار کرو گےتو تم پیچھے رہ جاؤ گے، ایسا نہیں (بِمِثۡلِ مَا اعۡتَدٰی۔۔۔وَ اتَّقُوا۔۔۔اعۡلَمُوۡۤا اَنَّ اللّٰہَ مَعَ الۡمُتَّقِیۡنَ)۔

آیت ۱۹۵:

پے در پے پانچ آیات میں مسلمانوں کو دین کا دفاع کرنے اور کافروں کے مقابلہ کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے، اس آیت میں انفاق، احسان اور نیکی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس آیت میں انفاق کرنے کا حکم دیا گیا ہے لیکن ہر قسم کے افراط اور تفریط سے منع کیا گیا ہے، کیونکہ اگر مالدار بخل کریں گے اور محروموں کی فکر نہ کریں گے تو طبقاتی اختلاف روز بروز بڑھ جائے گا جو معاشرہ کی تباہی کا سبب ہوگا۔ اگر انفاق میں میانہ روی نہ ہوگی تو انسان کے پاس جو کچھ ہے اسے دوسروں کو بخش دے تو وہ اپنے ہاتھوں سے خود کو اور اپنے گھرانے کو ہلاکت میں ڈال دے گا، لہذا کہا گیا ہے کہ خود کو اپنے ہاتھوں سے ہلاکت میں نہ ڈالو۔ انسان کو یہ بات پسند ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کا محبوب بنے، اس لیے قرآن مجید کہہ رہا ہے کہ نیک عمل کرو کہ اللہ تعالیٰ نیک لوگوں کو محبوب رکھتا ہے۔ مالی تعاون کے بغیر جہاد نہیں کیا جاسکتا، اس لیے جب جہاد شروع ہوجائے اور دشمن حملہ آور ہو اور لوگ مال بچانے کی فکر میں ہوں اور جہاد کے لیے اموال خرچ نہ کریں گے تو یقینی طور پر وہ شکست سے دوچار ہوں گے (اَنۡفِقُوۡا)۔ انفاق کے ذریعہ اپنے آپ کو اور اپنے اموال کو محفوظ بناؤ (اَنۡفِقُوۡا۔۔۔وَ لَا تُلۡقُوۡا بِاَیۡدِیۡکُمۡ اِلَی التَّہۡلُکَۃِ)۔ ایک مسلمان کے لیے جنگ کے محاذ پر موجود ہونا اور اموال کا خرچ کرنا سب پر الٰہی رنگ ہونا چاہیے (فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔

آیت ۱۹۶:

اس آیت میں حج اورعمرہ کے کلی احکام کا تذکرہ ہوا ہے لیکن ان کی تفصیل احادیث اور مجتہدین کے فتاویٰ میں موجود ہے۔ حج کے مناسک ’’اعمال‘‘ کی بنیاد حضرت ابراہیم علیہ السلام نے رکھی۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے زمانہ سے عربوں میں یہ معمول تھا کہ وہ حج کے اعمال انجام دیتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے اسے اسلام میں بھی جاری رکھا گیا اور قیامت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ عمرہ زیارت کے معنی میں ہے۔ جو بھی مکہ میں وارد ہو تو اس پر واجب ہے کہ وہ مکہ میں احرام کے ساتھ داخل ہو اور کعبہ کا طواف اور اس کی زیارت کرے۔ حج اور عمرہ کی مثال اذان و اقامت کی ہے۔ دونوں کے اعمال ایک جیسے ہیں، ان میں تھوڑا بہت فرق ہے۔ ’’ھدی‘‘ حج میں قربانی کا نام ہے۔ اضطراری مسائل ضرورت کے وقت کے لیے مخصوص ہوتے ہیں۔ معمول کے برعکس سفر میں روزہ نہیں رکھا جاتا جبکہ حج کے سفر میں اگر کوئی قربانی ذبح نہ کرسکے تو اس کے بدلے میں روزہ واجب ہے اور تین دن ’’سات، آٹھ اور نو ذالحجہ کو‘‘ مکہ میں روزے رکھے۔ دس کو روز عید قربان ہے، اس دن روزہ رکھنا حرام ہے۔ آئمہ معصومین علیہم السلام نے (اَتِمُّوا الۡحَجَّ) کی تفسیر میں بیان کیا ہے کہ مکمل حج یہ ہے کہ اس میں بدکلامی نہ ہو، گناہ نہ کیا جائے، جھگڑا نہ کیا جائے، حرام چیزوں سے دور رہا جائے تو انسان کو توفیق مل سکتی ہے کہ وہ امام زمانہ علیہ السلام سے ملاقات کرے۔ دینی فرائض کو مکمل طور پر انجام دیا جائے۔ حج کے اعمال شروع کرنے کے بعد انہیں ادھورا اور ناتمام نہیں چھوڑا جاسکتا(اَتِمُّوا)۔ حج کے اعمال میں قصد قربت اور عبادت کی نیت کرنا ضروری ہے، حج کو سیاحت اور تفریح کے عنوان سے انجام نہیں دیا جاسکتا (اَتِمُّوا۔۔۔لِلّٰہِ)۔ اسلام احکام میں لوگوں پر سختی نہیں کرتا، جو شخص بیمار ہو یا اس کے لیے بیرونی خطرات ہوں تو اس صورت میں اس پر حج اور عمرہ انجام دینا واجب نہیں (فَاِنۡ اُحۡصِرۡتُمۡ فَمَا اسۡتَیۡسَرَ مِنَ الۡہَدۡیِ)۔ عبادات میں، عبادت کی جگہ کاکردار ہے ( یَبۡلُغَ الۡہَدۡیُ مَحِلَّہٗ)۔ اگرچہ بعض موارد میں بیماری عبادت میں تخفیف کا سبب ہے لیکن اس وجہ سے عبادت کو بالکل چھوڑ نہیں دیا جاسکتا۔ حج میں اگر معذور افراد کچھ اعمال کو انجام نہ دے سکیں تو ان کی تلافی قربانی، روزہ رکھنے یا صدقہ دینے کے ذریعہ کی جائے گی، اس طرح چھٹ جانے والے اعمال کی تلافی ہوجائے گی (فَمَنۡ کَانَ مِنۡکُمۡ مَّرِیۡضًا اَو۔۔۔فَفِدۡیَۃٌ مِّنۡ صِیَامٍ اَوۡ صَدَقَۃٍ اَوۡ نُسُکٍ)۔ حج میں قربانی کرنا اس شخص پر واجب ہے جو قربانی کر سکتا ہو (فَمَا اسۡتَیۡسَرَ مِنَ الۡہَدۡیِ ۚ فَمَنۡ لَّمۡ یَجِدۡ فَصِیَامُ ثَلٰثَۃِ اَیَّامٍ)۔ عمرہ اور حج تمتع کا قانون یہ ہے کہ مکہ کے رہائشی حاجیوں کا فریضہ غیر رہائشی حاجیوں سے مختلف ہے (وَ اَتِمُّوا الۡحَجَّ وَ الۡعُمۡرَۃَ ۔۔۔ ذٰلِکَ لِمَنۡ لَّمۡ یَکُنۡ اَہۡلُہٗ حَاضِرِی الۡمَسۡجِدِ الۡحَرَامِ)۔ عذاب الٰہی کی طرف توجہ دینے سے تقویٰ الٰہی کی راہ ہموار ہوتی ہے(وَ اتَّقُوا اللّٰہَ وَ اعۡلَمُوۡۤا اَنَّ اللّٰہَ شَدِیۡدُ الۡعِقَابِ)۔ الٰہی احکام کی بجا آوری میں تقویٰ پر توجہ دینا ضروری ہے(وَ اَتِمُّوا الۡحَجَّ ۔۔۔وَ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔ جو لوگ حج کے احکام میں تبدیلی لائیں ان پر اللہ کا شدید عذاب ہے (شَدِیۡدُ الۡعِقَابِ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 197 تا 202
ٱلۡحَجُّ أَشۡهُرٞ مَّعۡلُومَٰتٞۚ فَمَن فَرَضَ فِيهِنَّ ٱلۡحَجَّ فَلَا رَفَثَ وَلَا فُسُوقَ وَلَا جِدَالَ فِي ٱلۡحَجِّۗ وَمَا تَفۡعَلُواْ مِنۡ خَيۡرٖ يَعۡلَمۡهُ ٱللَّهُۗ وَتَزَوَّدُواْ فَإِنَّ خَيۡرَ ٱلزَّادِ ٱلتَّقۡوَىٰۖ وَٱتَّقُونِ يَٰٓأُوْلِي ٱلۡأَلۡبَٰبِ ١٩٧ لَيۡسَ عَلَيۡكُمۡ جُنَاحٌ أَن تَبۡتَغُواْ فَضۡلٗا مِّن رَّبِّكُمۡۚ فَإِذَآ أَفَضۡتُم مِّنۡ عَرَفَٰتٖ فَٱذۡكُرُواْ ٱللَّهَ عِندَ ٱلۡمَشۡعَرِ ٱلۡحَرَامِۖ وَٱذۡكُرُوهُ كَمَا هَدَىٰكُمۡ وَإِن كُنتُم مِّن قَبۡلِهِۦ لَمِنَ ٱلضَّآلِّينَ ١٩٨ ثُمَّ أَفِيضُواْ مِنۡ حَيۡثُ أَفَاضَ ٱلنَّاسُ وَٱسۡتَغۡفِرُواْ ٱللَّهَۚ إِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ١٩٩ فَإِذَا قَضَيۡتُم مَّنَٰسِكَكُمۡ فَٱذۡكُرُواْ ٱللَّهَ كَذِكۡرِكُمۡ ءَابَآءَكُمۡ أَوۡ أَشَدَّ ذِكۡرٗاۗ فَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يَقُولُ رَبَّنَآ ءَاتِنَا فِي ٱلدُّنۡيَا وَمَا لَهُۥ فِي ٱلۡأٓخِرَةِ مِنۡ خَلَٰقٖ ٢٠٠ وَمِنۡهُم مَّن يَقُولُ رَبَّنَآ ءَاتِنَا فِي ٱلدُّنۡيَا حَسَنَةٗ وَفِي ٱلۡأٓخِرَةِ حَسَنَةٗ وَقِنَا عَذَابَ ٱلنَّارِ ٢٠١ أُوْلَٰٓئِكَ لَهُمۡ نَصِيبٞ مِّمَّا كَسَبُواْۚ وَٱللَّهُ سَرِيعُ ٱلۡحِسَابِ ٢٠٢
ترجمہ
حج معین مہینہ میں ہے لہذا جو شخص ان مہینوں میں حج کا فریضہ ادا کرتا ہے یہ بات یاد رکھے کہ (بیوی کے ساتھ) ہمبستری، گناہ اور بحث و جدل حج میں جائز نہیں ہے اور جو شخص خیر کے کاموں کو انجام دے تو خدا اسے جانتا ہے، زاد و توشہ اکٹھا کر لو کہ یقینی امر ہے کہ بہترین زاد راہ تقویٰ ہے، اے صاحبان عقل فقط مجھ سے ڈرو ۔(۱۹۷) آپ پر کوئی حرج نہیں کہ حج کے ایام میں تجارت کے ذریعہ اپنے رب کے فضل (رزق) سے بہرہ مند ہوجاؤ، لہذا جب تم عرفات سے کوچ کرو تو مشعرالحرام میں اللہ کو یاد کرو اور اللہ کو اس طرح یاد کرو جس طرح اس نے تمہیں ہدایت دی ہے، یقینی امر ہے کہ تم اس سے پہلے گمراہوں سے تھے۔(۱۹۸) پھر اسی جگہ سے جہاں سے لوگ کوچ کرتے ہیں (منیٰ کی سرزمین کی جانب) کوچ کرو اور اللہ سے گناہوں کی معافی طلب کرو کہ اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(۱۹۹) جب تم اپنے حج کے مناسک (اعمال) کو ادا کرلو تو اللہ کا ذکر کرو جس طرح تم اپنے آباء کو یاد کرتے ہو، بلکہ اس سے بہتر اور بیشتر یاد کرو، کچھ لوگ تو وہ ہیں جو یہ کہتے ہیں: اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں عطا کردے اور ایسے شخص کے لیے آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔(۲۰۰) لیکن لوگوں میں سے کچھ ایسے ہیں جو یہ کہتے ہیں: اے ہمارے رب! ہمیں اس دنیا میں بھی خیر (نیکی) عطا کر اور آخرت میں بھی خیر (نیکی) مرحمت فرما اور ہمیں آتش جہنم سے بچا لے۔(۲۰۱) یہ لوگ اپنی کمائی کا حصہ پائیں گے اور اللہ بہت تیزی سے حساب کرنے والا ہے۔(۲۰۲)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۹۷:

اس آیت میں حج تمتع اور عمرہ تمتع کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔ عمرہ تمتع شوال، ذوالقعدہ اور ذوالحجہ کے مہینوں میں انجام دیا جاتا ہے لیکن حج تمتع کا مہینہ ذوالحجہ ہے۔ اسلامی عبادات میں وقت کا اہم کردار ہے (اَلۡحَجُّ اَشۡہُرٌ مَّعۡلُوۡمٰتٌ)۔ حج اور مکہ کی پاکیزہ فضاء کو گناہ اور کینہ کی گندگی سے آلودہ نہ کیا جائے (لَا فُسُوۡقَ ۙ وَ لَا جِدَالَ فِی الۡحَجِّ)۔ اس بات پر یقین کہ اللہ تعالٰی ہر عمل سے آگاہ ہے، انسان میں نیک اعمال بجالانے کا جذبہ اور شوق پیدا ہونے کا سبب بنتا ہے اور فرائض کو انجام دینے میں امید بھی پیدا ہوجاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کا اجر و ثواب دے گا (مَا تَفۡعَلُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ یَّعۡلَمۡہُ اللّٰہُ)۔ ہر سفر کے لیے زاد راہ کی ضرورت ہے، سفر حج کا بہترین زاد راہ تقویٰ ہے (خَیۡرَ الزَّادِ التَّقۡوٰی)۔ پرہیزگاری، عقلمندی کی نشانی ہے (وَ اتَّقُوۡنِ یٰۤاُولِی الۡاَلۡبَابِ)۔

آیت ۱۹۸:

عرفات مکہ سے بیس کیلو میٹر کے فاصلہ پر کھلی سرزمین ہے جس میں حاجیوں نے ۹ ذالحجہ کی ظہر سے غروب تک رہنا ہوتا ہے۔ ’’عرفات‘‘معرفت سے ہے جو پہچاننے کی جگہ کے معنی میں ہے۔ اس جگہ پر حضرت آدم علیہ السلام اور حضرت حوا کی ملاقات ہوئی اور انہوں نے ایک دوسرے کو پہچان لیا اور اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام اور امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا کہ اس جگہ حضرت جبرائیل علیہ السلام نے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے آکر کہا: اپنے مناسک اور فرائض کو جان لو اور انہیں یاد کرلو۔ حضرت امام مہدی علیہ السلام ہر سال عرفات کے میدان میں موجود ہوتے ہیں۔ سرزمین عرفات میں اولیاء اللہ کے نالہ و فریاد، گریہ و زاری اور دعا و مناجات کی یادیں محفوظ ہیں۔ احادیث میں ہے کہ عرفہ کے دن غروب کے وقت اللہ تعالٰی اپنے گھر کے زائرین کے گناہوں کو معاف کردیتا ہے۔ عرفہ کے دن امام حسین علیہ السلام اور امام زین العابدین علیہ السلام سے مخصوص دعائیں منقول ہیں۔ اسلام کی جامعیت کی نشانیوں سے ایک یہ ہے کہ اس میں حج کے عبادتی اعمال کے ساتھ کاروبار اور حلال روزی کمانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ جس طرح سورہ جمعہ میں نماز جمعہ میں شرکت کرنے کے دستور کے ساتھ حکم دیا گیا ہےکہ نماز جمعہ کے اختتام پر تجارت کے لیے جاؤ۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: حج کے اثرات سے ایک یہ ہے کہ اس میں مسلمانوں کا بڑا اجتماع ہوتا ہے جس میں دنیا کے مختلف کونوں سے آئے ہوئے مسلمان اکٹھے ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کو اپنے تجربات منتقل کرتے ہیں، نیز اس میں معاشی امور اور کاروبار کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ اسلام نے فکری جمود کو مسترد کیا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ دین کی توجہ صرف ایک پہلو کی طرف ہے اور حج صرف ایک عبادی عمل ہے لیکن اسلام نے اس قسم کی سوچ کو مسترد کیا ہے اور فرمایا ہے: (لَیۡسَ عَلَیۡکُمۡ جُنَاحٌ)۔ حلال کمائی اللہ تعالیٰ کا فضل ہے، اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے ’’کسب‘‘ کمائی کے لفظ کی بجائے ’’فضل‘‘ کا لفظ استعمال کیا ہے (فَضۡلًا مِّنۡ رَّبِّکُمۡ)۔ اگرچہ تلاش و کوشش انسان کرتا ہے(تَبۡتَغُوۡا) لیکن رزق اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملتا ہے (فَضۡلًا مِّنۡ رَّبِّکُمۡ)۔ عبادت، اللہ تعالیٰ کے دستور کے مطابق انجام دی جانی چاہیے (وَ اذۡکُرُوۡہُ کَمَا ہَدٰىکُمۡ)۔ الٰہی توفیق پر توجہ دینا ایک طرف سے انسان کے گزشتہ گناہوں کی بخشش کا سبب ہے اور دوسری طرف یہ کیفیت اللہ تعالیٰ کے الطاف کے ساتھ انسان کے عشق و تعلق کو مزید بڑھا دیتا ہے (ہَدٰىکُمۡ ۚ وَ اِنۡ کُنۡتُمۡ مِّنۡ قَبۡلِہٖ لَمِنَ الضَّآلِّیۡنَ)۔

آیت ۱۹۹:

اس آیت میں اہل مکہ کو دوسرے لوگوں کے ہمراہ نکلنے کا حکم دے کر یہ بتایا گیا ہےکہ اہل مکہ یہ خیال نہ کریں کہ وہ اہل حرم ہیں اور ان کے عبادی اعمال دوسروں سے مختلف ہیں، اس طرح انہیں متکبرانہ سوچ رکھنے سے روکا گیا ہے اور انہیں حکم دیا گیا ہے کہ وہ بھی دوسرے لوگوں کے ہمراہ کوچ کریں۔ بنیادی طور پر حج کے اثرات اور اس کے فلسفہ میں سے ایک یہ ہے کہ لوگ فرضی اور خیالی امتیازات کو اپنے ذہن سے نکال دیں۔ کیونکہ حج کے ایام میں انسان کو اپنے جوتے، لباس، ٹوپی، پگڑی اور رہائش ہر ایک سے ہاتھ اٹھا لیتا ہے اور وہ ایک ایسے قطرہ کی مانند بن جاتا ہے جو سمندر سے مل جاتا ہے۔ اس آیت میں دو بار اور سابقہ آیت میں ایک مرتبہ ’’افاضہ‘‘کی تعبیر آئی ہے جو اکٹھے حرکت کرنے کے معنی میں ہے، یہ تکرار اس بات کو بتا رہا ہے کہ عبادت میں اجتماعیت کی اہمیت ہے۔ عرفات کے میدان میں بہترین اعمال استغفار اور اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنا ہے۔ اگرچہ اس سرزمین میں اصل عبادت وہاں پر ٹھہرنا اور توقف کرنا ہے، اس کے علاوہ کوئی اور عمل واجب نہیں ہے لیکن ان آیات میں ہمیں اس سرزمین میں اللہ تعالیٰ کے ذکر، استغفار اور اللہ سے اپنے گذشتہ گناہوں کی معافی طلب کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ گویا ہم سے کہا جارہا ہے کہ کیا یہ صحیح ہے کہ ایسی سرزمین جس پر اولیاء اللہ کے آنسو بہے ہوں ہم وہاں پر اس حوالے سے لا تعلق رہیں؟! کسی بھی نام یا عنوان سے اپنے لیے امتیاز چاہنا ممنوع ہے (اَفِیۡضُوۡا مِنۡ حَیۡثُ اَفَاضَ النَّاسُ)۔ انسان کو کبھی بھی مایوس نہیں ہونا چاہیے، ماضی میں جو بھی غلطیاں کی ہوں استغفار کے ذریعے ان کی تلافی کی جاسکتی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہے (وَ اسۡتَغۡفِرُوا اللّٰہَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ)۔

آیت ۲۰۰:

مکہ والوں میں سے کچھ لوگ حج کے اعمال کے اختتام پر ایک جگہ اکٹھے ہو کر اپنے بزرگوں کے کارنامے بیان کرکے ایک دوسرے پر فخر و مباہات کرتے تھے۔ اس حوالے سے قرآن مجید دستور دے رہا ہے کہ اپنے آباء و اجداد کو یاد کرکے فخرو مباہات کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرو، اپنے ماضی کے گناہوں کو یاد کرکے اللہ تعالیٰ سے استغفار کرو اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو یاد کرو اور اس کی دی ہوئی توفیق پر شکر بجالاؤ اور سنجیدگی کے ساتھ یہ کام کرو۔ خدا کا ذکر مقدار میں بھی کثیر ہونا چاہیے (وَ اذۡکُرُوا اللّٰہَ کَثِیۡرًا)’’انفال، ۴۵‘‘ اور کیفیت میں بھی خالصانہ اور عاشقانہ ہو (اَشَدَّ ذِکۡرًا)۔ ہماری سوچ سطحی نہ ہو بلکہ اس میں گہرائی ہو، کچھ لوگ ایسے ہیں جو بہترین اور مقدس ترین مقامات اور بہترین اوقات میں صرف دنیاوی مختصر مادی زندگی کےلیے دعا کرتے ہیں(رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنۡیَا وَ مَا لَہٗ فِی الۡاٰخِرَۃِ مِنۡ خَلَاقٍ)۔

آیت ۲۰۱:

لوگوں کی شناخت کے راستوں سے ایک راستہ یہ ہے کہ ان کی آرزؤں اور دعاؤں کو دیکھا جائے۔ سابقہ آیت میں ایک جماعت کے بارے میں بیان ہوا کہ وہ فقط دنیاوی زندگی کو چاہتے ہیں اور صرف اسی کے لیے ہی دعا کرتے ہیں، ان کی نظر صرف دنیاوی خیر و شر پر ہے۔ لیکن اس آیت میں ان لوگوں کا ذکر ہے جو دنیا اور آخرت دونوں کا خیر اور دونوں جہانوں کے شر سے نجات کی دعا کرتے ہیں۔ پہلے گروہ کا مطلوب و مقصود دنیا ہی ہے جبکہ دوسرے گروہ کے نزدیک وہ دنیا اہمیت رکھتی ہے جس میں خیر ہو اور آخرت تک پہنچنے کا وسیلہ بن جائے۔ احادیث میں دنیا و آخرت کے خیر’’حسنہ‘‘ کے نمونے اور مصادیق بیان ہوئے ہیں لیکن ’’حسنہ‘‘ ان چند نمونوں میں منحصر نہیں ہے، ان کے علاوہ دوسرے امور بھی دنیا و آخرت کا خیر ’’حسنہ‘‘ ہیں۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے اس آیت کی تفسیر کے متعلق فرمایا: اس سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی، آخرت میں بہشت اور دنیاوی زندگی میں اچھا اخلاق مراد ہے۔ دعاؤں میں کلی ہدف کو بیان کیا جائے اور اس کے مصداق کو اللہ تعالیٰ پر چھوڑا جائے، ہمیں چاہیے کہ اللہ تعالیٰ سے حسنہ اور سعادت مانگیں لیکن ہمارا رشد و کمال اور ہماری بہتری کس چیز میں ہے اسے اللہ تعالیٰ کے سپرد کیا جائے۔ ہماری علمی صلاحیتیں محدود ہیں، ہماری معلومات محدود ہیں، ہمیں مستقبل سے آگہی نہیں، ہم اپنے روحانی پہلوں سے آگاہ نہیں اس لیے ہم اپنے لیے جزئی مصادیق معین نہیں کرسکتے اس لیے ہم سے کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے کام کا وسیلہ مانگو کیونکہ ہو سکتا ہے کہ جو وسیلہ تمہاری نظر میں ہے اللہ تعالیٰ اس کی بجائے کسی اور وسیلہ سے تمہارا کام کردے جو تمہاری سوچ میں بھی نہ ہو۔ اللہ تعالٰی سے حج بیت اللہ کی زیارت مانگو، یہ نہ کہو کہ اے اللہ! مجھے مال دے کہ اس سے حج کروں کیونکہ بعض اوقات اللہ تعالیٰ ایسا وسیلہ بنا دیتا ہے کہ جو ہماری سوچ میں بھی نہیں ہوتا۔ دنیا اور آخرت دونوں اکٹھی مانگی جائیں، ان دونوں میں منافات نہیں، شرط یہ ہے کہ انسان حسنہ کی تلاش میں ہو (فِی الدُّنۡیَا حَسَنَۃً وَّ فِی الۡاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً)۔ پرسکون اور آرام دہ زندگی ممنوع نہیں بلکہ اسلامی نقطہ نظر سے اچھی اور پر سکون زندگی مطلوب ہے (رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنۡیَا حَسَنَۃً)۔ دوزخ کا الگ حساب ہے، اس آیت میں باوجود اس کے کہ اللہ تعالیٰ سے آخرت کا ’’حسنہ‘‘ مانگا جارہا ہے لیکن اس کے ساتھ آتش جہنم سے نجات کے لیے علیحدہ دعا مانگی گئی ہے (قِنَا عَذَابَ النَّارِ)۔

آیت ۲۰۲:

قیامت کے دن انسان کے صرف کچھ اعمال کا بدلہ اسے ملے گا، سب کا نہیں (مِمَّا کَسَبُوۡا) کیونکہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ انسان نیک کام تو کرتا ہے لیکن اس میں نیت خالص نہیں ہوتی، قیامت کے دن ایسے کاموں کی جزا اسے نہیں ملے گی لہذا دنیا میں انجام دئے گئے انسان کے سارے نیک کاموں کا بدلہ اسے آخرت میں نہیں ملے گا بلکہ ان اعمال کا اجر و ثواب ملے گا جو خالصانہ انجام دئے گئے ہوں۔ حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ تمام مخلوقات کا حساب ایک ہی مرحلہ میں کرڈالے گا جس طرح تمام لوگوں کو ایک ساتھ رزق دیتا ہے۔ تلاش و کوشش اور محنت کے بغیر کچھ نہیں ملے گا (لَہُمۡ نَصِیۡبٌ مِّمَّا کَسَبُوۡا)۔ تیزی کے ساتھ محاسبہ کرنا ایک امتیاز ہے (سَرِیۡعُ الۡحِسَابِ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 203 تا 210
۞ وَٱذۡكُرُواْ ٱللَّهَ فِيٓ أَيَّامٖ مَّعۡدُودَٰتٖۚ فَممَن تَعَجَّلَ فِي يَوۡمَيۡنِ فَلَآ إِثۡمَ عَلَيۡهِ وَمَن تَأَخَّرَ فَلَآ إِثۡمَ عَلَيۡهِۖ لِمَنِ ٱتَّقَىٰۗ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّكُمۡ إِلَيۡهِ تُحۡشَرُونَ ٢٠٣ وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يُعۡجِبُكَ قَوۡلُهُۥ فِي ٱلۡحَيَوٰةِ ٱلدُّنۡيَا وَيُشۡهِدُ ٱللَّهَ عَلَىٰ مَا فِي قَلۡبِهِۦ وَهُوَ أَلَدُّ ٱلۡخِصَامِ ٢٠٤ وَإِذَا تَوَلَّىٰ سَعَىٰ فِي ٱلۡأَرۡضِ لِيُفۡسِدَ فِيهَا وَيُهۡلِكَ ٱلۡحَرۡثَ وَٱلنَّسۡلَۚ وَٱللَّهُ لَا يُحِبُّ ٱلۡفَسَادَ ٢٠٥ وَإِذَا قِيلَ لَهُ ٱتَّقِ ٱللَّهَ أَخَذَتۡهُ ٱلۡعِزَّةُ بِٱلۡإِثۡمِۚ فَحَسۡبُهُۥ جَهَنَّمُۖ وَلَبِئۡسَ ٱلۡمِهَادُ ٢٠٦ وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يَشۡرِي نَفۡسَهُ ٱبۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ ٱللَّهِۚ وَٱللَّهُ رَءُوفُۢ بِٱلۡعِبَادِ ٢٠٧ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱدۡخُلُواْ فِي ٱلسِّلۡمِ كَآفَّةٗ وَلَا تَتَّببِعُواْ خُطُوَٰتِ ٱلشَّيۡطَٰنِۚ إِنَّهُۥ لَكُمۡ عَدُوّٞ مُّبِينٞ ٢٠٨ فَإِن زَلَلۡتُم مِّنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡكُمُ ٱلۡبَيِّنَٰتُ فَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ ٢٠٩ هَلۡ يَنظُرُونَ إِلَّآ أَن يَأۡتِيَهُمُ ٱللَّهُ فِي ظُلَلٖ مِّنَ ٱلۡغَمَامِ وَٱلۡمَلَٰٓئِكَةُ وَقُضِيَ ٱلۡأَمۡرُۚ وَإِلَى ٱللَّهِ تُرۡجَعُ ٱلۡأُمُورُ ٢١٠
ترجمہ
مقررہ دنوں میں اللہ کا ذکر کرو، پس جو جلدی کرے اور منیٰ کے اعمال کو دو دنوں میں انجام دے تو اس پر کوئی گناہ نہیں اور جو تاخیر کرے اور وہ منیٰ کے اعمال تین دن میں انجام دے تو اس پر بھی کوئی گناہ نہیں ہے، البتہ یہ اختیار اس کے لیے ہے جس نے احرام کے محرمات سے پرہیز کیا ہو، اللہ کا تقویٰ اختیار کرو کیونکہ تم سب اس کے پاس محشور ہوں گے۔(۲۰۳) دنیا کے متعلق بعض لوگوں کی گفتگو سے آپ کو حیرانگی ہوتی ہے کہ وہ اللہ کو اس کا گواہ بناتا ہے جو اس کے دل میں ہے جبکہ وہ سخت ترین دشمنوں سے ہے۔(۲۰۴) اور جب وہ تم سے منہ پھیر لیتا ہے (اور طاقت حاصل کرلے) تو وہ زمین میں فساد پھیلانے کے لیے کوشش کرتا ہے، لوگوں کی کھیتی باڑی کو ویران کرتا ہے، اللہ فتنہ و فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(۲۰۵) جب اس سے کہا جائے اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تو غرور و تکبر اسے گناہ پر ابھارتا ہے، دوزخ کی آگ اس کے لیے کافی ہے، کتنی ہی بری جگہ ہے اس کے لیے۔(۲۰۶) لوگوں میں ایسا شخص بھی موجود ہے جو اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اپنی جان کا سودا کرتا ہے، اللہ تو اپنے بندوں پر مہربان ہے۔(۲۰۷) اے وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہو! سب صلح و دوستی میں آجاؤ اور شیطان کے اقدامات کی پیروی مت کرو، وہ تمہارا کھلا دشمن ہے۔(۲۰۸) روشن نشانیوں کے آنے کے بعد جو تمہارے پاس آگئیں ہیں اگر تم لڑکھڑا جاؤ تویہ جان لو کہ خدا عزیز و حکیم ہے۔(۲۰۹) کیا مشرکین اس انتظار میں ہیں کہ خدا بادلوں کے سائبان میں ان کے پاس آئے اور فرشتے بھی اتر جائیں اور فیصلہ کردیا جائے؟ جبکہ سارے امور اللہ کی طرف پلٹائے جاتے ہیں۔(۲۱۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۰۳:

حدیث میں آیا ہے کہ عید قربان کی نماز ظہر کے بعد پندرہ نمازوں تک ہر نماز کے بعد درج ذیل تکبیرات پڑھی جائیں جس کا اختتام تیرہ ذوالحجہ کی نماز صبح پر ہوتا ہے(اَللہُ اَکْبَرُ اَللہُ اَکْبَرُ،لَااِلٰہَ اِلَّااللہُ وَاللہُ اَکْبَرُ،اَللہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ،اَللہُ اَکْبَرُعَلیٰ مَاھَدَانَا اَللہُ اَکْبَرُعَلیٰ مَارَزَقَنَامِنْ بَھِیْمَۃِ الْاَنْعَامِ) اللہ اس سے بزرگ و برتر ہے کہ اس کا وصف بیان کیا جائے، اللہ کے سواء کوئی معبود نہیں، اللہ اس سے بزرگ و برتر ہے کہ اس کا وصف بیان کیا جائے، حمد و شکر اللہ کے لیے مخصوص ہے، اللہ اس سے بزرگ و برتر ہے کہ اس کا وصف بیان کیا جائے، اس بنا پر کہ اس نے ہماری ہدایت کی ہے، اللہ اس سے بزرگ و برتر ہے کہ اس کا وصف بیان کیا جائے، اس بنا پر کہ اس نے جانوروں کا گوشت ہمارے لیے روزی کیا ہے۔ آیت میں ہے کہ جو شخص منیٰ سے نکلنے میں جلدی کرے اور ۱۲ ذوالحجہ کو ظہر کے بعد منیٰ سے باہر آجائے تو کوئی حرج نہیں ہے اسی طرح اگر کوئی تیرہ ذوالحجہ کی رات بھی منیٰ میں موجود رہے تو اس پر بھی کوئی حرج نہیں ہے۔ دعا کی قبولیت میں دعا کرنے کا وقت بھی اثر رکھتا ہے (فِیۡۤ اَیَّامٍ مَّعۡدُوۡدٰتٍ)۔ اللہ تعالیٰ اپنے لطف و کرم کی وجہ سے لوگوں پر سختی نہیں کرتا (فَمَنۡ تَعَجَّلَ۔۔۔وَ مَنۡ تَاَخَّرَ)۔

آیت ۲۰۴:

منافقین اپنی ظاہری معلومات، اندازوں اور قابلیتوں کو سامنے رکھ کر تبصرے اور تجزیے کرتے ہیں اور ان سے نتائج نکالتے ہیں اور ان کی توجہ غیبی امدادات اور الٰہی ارادے پر نہیں ہوتی۔ اس حوالے سے وہ لولے لنگڑے ہیں اور کچھ نہیں جانتے۔ آخرت کے بارے ان کی زبان بند ہے، آخرت میں تو وہ اپنا عذر بھی پیش نہیں کرسکیں گے، وہاں پر ان کا کچھ نہ چلے گا اور وہ عاجز و ناتوان ہوں گے۔ منافقوں کی جادوئی باتوں سے دھوکہ نہ کھائیں(یُعۡجِبُکَ قَوۡلُہٗ)۔ منافقین جھوٹی قسموں کے ذریعہ مومنین پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں (یُشۡہِدُ اللّٰہَ عَلٰی مَا فِیۡ قَلۡبِہٖ)منافقین مقدسات کو مقدسات کے خلاف اور مذہب کو مذہب کے خلاف استعمال کرتے ہیں، وہ اللہ تعالیٰ کی قسم اٹھا کر رسول اللہﷺ سے خیانت کرتے ہیں۔ جھوٹے لوگ قسمیں اٹھا کر، الفاظ کا جادوجگا کر خود کو معاشرہ کا ہمدرد ظاہر کرتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ گویا معاشرے کا غم انہیں کھائے جا رہا ہے لیکن حقیقت میں وہ بے اعتبار ہیں(یُشۡہِدُ اللّٰہَ)۔

آیت ۲۰۵:

(تَوَلّٰی)کا دو طرح معنی کیا جاسکتا ہے۔ ایک معنی اقتدار اور حکمرانی ہے۔ یہ معنی ترجمہ میں آیا ہے۔ دوسرا معنی اعراض کرنا، رخ پھیرنا اور بے توجہی کرنا ہے۔ اس معنی کے اعتبار سے آیت کا معنی یہ ہوگا ’’جس وقت اس نے حق اور الٰہی ہدایت سے منہ موڑ لیا اور تیری محفل سے باہر گیا تو وہ باہر جاکر فتنہ و فساد کرنے میں لگ جائے گا‘‘یعنی جب تک تیرے پاس بیٹھا ہے تو معاشرہ کی ہمدردی کی باتیں کرتا ہے اور جیسے ہی باہر جاتا ہے تو معاشرہ میں فساد پھیلانے کی کوشش کرتا ہے۔ سابقہ آیت میں منافقین کی ظاہری اچھی گفتگو کے حوالے سے بتایا گیا اور اس آیت میں فتنہ و فساد کرنے کی ان کی کوششوں کا تذکرہ ہوا ہے۔ وہ تمام افراد اس آیت کا مصداق ہیں جو فتنہ و فساد پھیلانے والی قانون سازی کرتے ہیں، ثقافتی یلغار کرتے ہیں، اپنے مذموم مقاصد کا خوبصورت بیانات کے ذریعہ پروپیگنڈہ کرتے ہیں، نشہ آور مواد تقسیم کرکے نئی نسل کو تباہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیت کی ہلاکت ’’ویرانی‘‘ کھیتی باڑی کا خاتمہ ہے اور نسل کی ہلاکت، آنے والی نسل کو گمراہ کرنا ہے۔ اس بارے فخر رازی اور مراغی نے احتمال دیا ہے کہ (الۡحَرۡثَ) کھیتی سے مراد خواتین ہوں، اس کی دلیل دوسری آیت ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے خواتین کے متعلق فرمایا:(نِسَآؤُکُمۡ حَرۡثٌ لَّکُمۡ)’’بقرہ، ۲۲۳‘‘اور (النَّسۡلَ) سے اولاد مراد ہو یعنی باغی حکمران گھرانے کے نظام کو تباہ کرتے ہیں، اولاد کی تربیت کا نظام ختم کردیتے ہیں، اسلام میں گھرانے اور خاندانی نظام کا جو تقدس ہے اسے پامال کردیتے ہیں۔ نااہل افراد کو اقتدار ملے تو وہ ہر چیز کو تباہ کردیتے ہیں (وَ اِذَا تَوَلّٰی سَعٰی ۔۔۔لِیُفۡسِدَ۔۔۔وَ یُہۡلِکَ)۔

آیت ۲۰۶:

مستکبرین دوسروں کے وعظ و نصیحت پر کان نہیں دھرتے (وَ اِذَا قِیۡلَ لَہُ اتَّقِ اللّٰہَ اَخَذَتۡہُ الۡعِزَّۃُ)۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ نصیحت کو مانیں، اگر کسی سے اچھا مشورہ ملے تو اسے مان لیں، اقتدار کے گھمنڈ میں اسے نظر انداز نہ کریں (وَ اِذَا قِیۡلَ۔۔۔اَخَذَتۡہُ الۡعِزَّۃُ)۔ گناہ، خود پسندی، غرور اور تکبر کا ذریعہ بنتا ہے (اَخَذَتۡہُ الۡعِزَّۃُ بِالۡاِثۡمِ)۔

آیت ۲۰۷:

ابن ابی الحدید جو ساتویں ہجری کے علما سے ہیں اپنی کتاب شرح نہج البلاغہ میں لکھتے ہیں کہ مفسرین کے نزدیک یہ آیت حضرت علی بن ابی طالب علیہما السلام کے بارے میں نازل ہوئی ہے جب آپ لیلۃ المبیت ـ’’ہجرت کی رات‘‘ رسول اللہﷺ کے بستر پر سو گئے اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے رسول اللہﷺ کی جگہ پر قتل ہوجانے کو پسند کیا۔ مشرکین مکہ نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ رسول خداﷺ کو قتل کرنے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہر قبیلہ ایک آدمی دے اور سب مل کر آنحضرتﷺ کو قتل کریں تاکہ کسی ایک قبیلہ پر جرم نہ آئے اور بنی ہاشم اس قبیلہ سے انتقام لینے کے لیے اقدام نہ کرسکیں۔ اس طرح پیغمبراسلامﷺ کی دعوت سے نجات پالیں گے۔ جب رسول خداﷺ کو مشرکین مکہ کے اس منصوبہ کا علم ہو گیا تو حضرت علی علیہ السلام آپ کے بستر پر سو گئے تاکہ رسول خداﷺ اطمینان سے مکہ سے نکل جائیں اور حملہ آور خیال کریں کہ رسول خداﷺ اپنے بستر پر سورہے ہیں۔ یہ آیت اس حوالے سے حضرت علی علیہ السلام کی شان میں نازل ہوئی۔ ایثار اور قربانی دینے والوں کی یاد کو زندہ رکھیں (وَ مِنَ النَّاسِ مَنۡ یَّشۡرِیۡ)۔ انسان کے پاس سب سے بڑا سرمایہ اس کی جان ہے جسے وہ اپنے رب کے لیے دے سکتا ہے۔ یہ جان بہشت کے طمع میں نہیں اور نہ ہی آتش جہنم سے بچنے کے لیے بلکہ خلوص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لیے دے دے(ابۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ اللّٰہِ) تو اس کی اہمیت ہے اوراس کی بڑی فضیلت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملنے والا سب سے بہترین اجر و ثواب اس کا لطف اور مہربانی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر کام کے لیے اجر و ثواب قرار دیا ہے لیکن اس آیت میں فرمایا:اللہ رؤف ہے (اللّٰہُ رَءُوۡفٌۢ بِالۡعِبَادِ)۔

آیت ۲۰۸:

قرآن مجید نے درج ذیل گروہوں کے ساتھ صلح آمیز روابط رکھنے کا حکم دیا ہے: وہ مشرکین جو مسلمانوں کو تکلیف و اذیت نہیں دیتے (لَمۡ یُقَاتِلُوۡکُمۡ فِی الدِّیۡنِ وَ لَمۡ یُخۡرِجُوۡکُمۡ مِّنۡ دِیَارِکُمۡ اَنۡ تَبَرُّوۡہُمۡ وَ تُقۡسِطُوۡۤا اِلَیۡہِمۡ)’’ممتحنہ،۸‘‘ وہ افراد جو تمہارے ساتھ حالت جنگ میں نہیں اور تمہارے وطن میں تمہارے لیے مزاحمت ایجاد نہیں کرتے ان سے اچھا برتاؤ کرو۔ اہل کتاب کے ساتھ (قُلۡ یٰۤاَہۡلَ الۡکِتٰبِ تَعَالَوۡا اِلٰی کَلِمَۃٍ سَوَآءٍۢ بَیۡنَنَا وَ بَیۡنَکُمۡ اَلَّا نَعۡبُدَ اِلَّا اللّٰہَ)’’آل عمران، ‘‘ اہل کتاب سے کہہ دو: آؤ اس بات میں اتحاد کرلیں جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترک ہے کہ اللہ کے سواء کسی کی عبادت نہ کریں۔ مسلمان آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ(یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا ادۡخُلُوۡا فِی السِّلۡمِ کَآفَّۃً)۔ اپنے ذاتی رویوں کوچھوڑ کر فقط اللہ تعالیٰ کے قانون کے سامنے تسلیم ہوجاؤ (ادۡخُلُوۡا فِی السِّلۡمِ کَآفَّۃً)۔ صلح قائم کرنا اور صلح کے ساتھ رہنا تمام مسلمانوں کا فرض ہے (کَآفَّۃً)۔ شیطانی وسوسے انسان کو گناہ پر مجبور نہیں کرتے اور نہ ہی ان کی وجہ سے انسان کا اختیار سلب ہوجاتا ہے اسی لیے انسان کو حکم دیا گیا ہے کہ شیطان کی اطاعت مت کرو (لَا تَتَّبِعُوۡا)۔ شیطان قدم بقدم انسان کو گمراہ کرتا ہے (خُطُوٰتِ)۔ شیطان صلح اور وحدت کا دشمن ہے ، انتشار اور تفرقہ کے لیے بلند ہونے والی ہر صدا شیطان کی آواز ہے (ادۡخُلُوۡا فِی السِّلۡمِ کَآفَّۃً ۪ وَ لَا تَتَّبِعُوۡا خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)۔

آیت ۲۰۹:

جو لوگ جان بوجھ کر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں وہ عذاب کے منتظر رہیں (زَلَلۡتُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡکُمُ الۡبَیِّنٰتُ۔۔۔عَزِیۡزٌ حَکِیۡمٌ)۔ اللہ تعالٰی کی سزا حکمت کے تحت ہوتی ہے( حَکِیۡمٌ)۔

آیت ۲۱۰:

انبیاء کی دعوت استدلال اور معجزہ کی بنیاد پر ہے۔ جبکہ بعض اوقات بہانہ کی تلاش میں رہنے والے لوگ کچھ اور چاہتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اس بارے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو تم چاہتے ہو اگر ویسا ہوگیا اور پھر تم نے ہٹ دھرمی کی اور اپنی ضد پر ڈٹے رہے تو پھر اللہ کا عذاب تمہیں گھیر لے گا۔ اس کا نمونہ حضرت صالح علیہ السلام کی قوم ہے کہ جب انہوں نے درخواست کی کہ پہاڑ سے اونٹنی نکل آئے اور وہ اس کا دودھ پئیں، جب ایسا ہوگیا تو پھر انہوں نے نافرمانی کی اور اونٹنی کو قتل کردیا تو ان پر اللہ تعالیٰ کا عذاب ٹوٹ پڑا۔ لہذا جب تمہاری درخواست کو قبول کرکے وہ کچھ اتار دے جو تم چاہتے ہو اور اس کے بعد بھی تم نے دعوت کو قبول نہ کیا تو پھر الٰہی عذاب تمہیں گھیر لے گا۔ البتہ بعض درخواستیں ایسی ہوتی ہیں جو محال ہوتی ہیں تو ایسی درخواستیں قبول نہیں ہوتیں۔ خلقت کا نظام اور اللہ تعالیٰ کا تربیتی نظام لوگوں کی بے جا خواہشات پر مبنی نہیں ہے کہ لوگ یہ توقع رکھیں کہ اللہ تعالیٰ اور فرشتے آسمان میں بادلوں پر جسمانی شکل میں ظاہر ہوں اور سب کو نظر آئیں اور براہ راست سب سے باتیں کریں؛ ایسا ممکن نہیں کیونکہ اللہ تعالٰی جسم اور جسمانیت سے منزہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کے دیدار اور فرشتوں سے ملاقات کا تقاضا، حق کا انکار کرنے کا بہانہ ہے (یَنۡظُرُوۡنَ ۔۔۔ یَاۡتِیَہُمُ اللّٰہُ ۔۔۔وَ الۡمَلٰٓئِکَۃُ)۔ ہر چیز کا مبداء اللہ تعالٰی ہے، تم کیوں اللہ تعالٰی کو براہ راست دیکھنے کی آرزو رکھتے ہو حالانکہ تم اس کے آثار کو ہر جگہ دیکھتے ہو (ہَلۡ یَنۡظُرُوۡنَ ۔۔۔وَ اِلَی اللّٰہِ تُرۡجَعُ الۡاُمُوۡرُ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 211 تا 215
سَلۡ بَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ كَمۡ ءَاتَيۡنَٰهُم مِّنۡ ءَايَةِۭ بَيِّنَةٖۗ وَمَن يُبَدِّلۡ نِعۡمَةَ ٱللَّهِ مِنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡهُ فَإِنَّ ٱللَّهَ شَدِيدُ ٱلۡعِقَابِ ٢١١ زُيِّنَ لِلَّذِينَ كَفَرُواْ ٱلۡحَيَوٰةُ ٱلدُّنۡيَا وَيَسۡخَرُونَ مِنَ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْۘ وَٱلَّذِينَ ٱتَّقَوۡاْ فَوۡقَهُمۡ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِۗ وَٱللَّهُ يَرۡزُقُ مَن يَشَآءُ بِغَيۡرِ حِسَابٖ ٢١٢ كَانَ ٱلنَّاسُ أُمَّةٗ وَٰحِدَةٗ فَبَعَثَ ٱللَّهُ ٱلنَّبِيِّـۧنَ مُبَشِّرِينَ وَمُنذِرِينَ وَأَنزَلَ مَعَهُمُ ٱلۡكِتَٰبَ بِٱلۡحَقِّ لِيَحۡكُمَ بَيۡنَ ٱلنَّاسِ فِيمَا ٱخۡتَلَفُواْ فِيهِۚ وَمَا ٱخۡتَلَفَ فِيهِ إِلَّا ٱلَّذِينَ أُوتُوهُ مِنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡهُمُ ٱلۡبَيِّنَٰتُ بَغۡيَۢا بَيۡنَهُمۡۖ فَهَدَى ٱللَّهُ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لِمَا ٱخۡتَلَفُواْ فِيهِ مِنَ ٱلۡحَقِّ بِإِذۡنِهِۦۗ وَٱللَّهُ يَهۡدِي مَن يَشَآءُ إِلَىٰ صِرَٰطٖ مُّسۡتَقِيمٍ ٢١٣ أَمۡ حَسِبۡتُمۡ أَن تَدۡخُلُواْ ٱلۡجَنَّةَ وَلَمَّا يَأۡتِكُم مَّثَلُ ٱلَّذِينَ خَلَوۡاْ مِن قَبۡلِكُمۖ مَّسَّتۡهُمُ ٱلۡبَأۡسَآءُ وَٱلضَّرَّآءُ وَزُلۡزِلُواْ حَتَّىٰ يَقُولَ ٱلرَّسُولُ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ مَعَهُۥ مَتَىٰ نَصۡرُ ٱللَّهِۗ أَلَآ إِنَّ نَصۡرَ ٱللَّهِ قَرِيبٞ ٢١٤ يَسۡـَٔلُونَكَ مَاذَا يُنفِقُونَۖ قُلۡ مَآ أَنفَقۡتُم مِّنۡ خَيۡرٖ فَلِلۡوَٰلِدَيۡنِ وَٱلۡأَقۡرَبِينَ وَٱلۡيَتَٰمَىٰ وَٱلۡمَسَٰكِينِ وَٱبۡنِ ٱلسَّبِيلِۗ وَمَا تَفۡعَلُواْ مِنۡ خَيۡرٖ فَإِنَّ ٱللَّهَ بِهِۦ عَلِيمٞ ٢١٥
ترجمہ
بنی اسرائیل سے پوچھو کہ ہم نے انہیں کتنی واضح نشانیاں دیں اور جو شخص اللہ کی (ہدایت کی)نعمت پانے کے بعد اسے بدل ڈالے تو اللہ یقیناً سخت عذاب دینے والا ہے۔(۲۱۱) کافروں کے لیے دنیا کی زندگی خوش نما بنا دی گئی ہے اور وہ دنیا میں مومنوں کا مذاق اڑاتے ہیں مگر اہل تقویٰ قیامت کے دن ان سے بالاتر ہوں گے اور اللہ جسے چاہتا ہے بے حساب رزق دیتا ہے۔(۲۱۲) لوگ (شروع میں) ایک ہی دین (فطرت) پر تھے، (بتدریج ان میں اختلاف رونما ہوا) تو اللہ نے بشارت دینے والے اور ڈرانے والے انبیاء بھیجے اور ان کے ساتھ برحق کتاب نازل کی تاکہ وہ لوگوں کے درمیان ان امور کا فیصلہ کریں جن میں وہ اختلاف کرتے تھے اور ان میں اختلاف بھی ان لوگوں نے کیا جنہیں کتاب دی گئی تھی حالانکہ ان کے پاس واضح نشانیاں آچکی تھیں، یہ صرف اس لیے کہ وہ آپس میں ایک دوسرے پر زیادتی کرنا چاہتے تھے، پس اللہ نے اپنے اذن سے ایمان لانے والوں کو اس امر حق کا راستہ دکھایا جس میں لوگوں نے اختلاف کیا تھا اور اللہ جسے چاہتا ہے سیدھا راستہ دکھاتا ہے۔(۲۱۳) کیا تم خیال کرتے ہو کہ یونہی جنت میں داخل ہو جاؤ گے حالانکہ ابھی تمہیں (آزمانے کے لیے) اس قسم کے حالات پیش نہیں آئے جو تم سے پہلوں کو پیش آئے تھے؟ انہیں سختیاں اور تکالیف پہنچیں اور وہ اس حد تک جھنجھوڑے گئے کہ (وقت کا) رسول اور اس کے مومن ساتھی پکار اٹھے کہ آخر اللہ کی نصرت کب آئے گی؟(انہیں بشارت دے دی گئی کہ) دیکھو اللہ کی نصرت عنقریب آنے والی ہے۔(۲۱۴) لوگ آپ سے پوچھتے ہیں: کیا خرچ کریں؟ کہدیجئے: جو مال بھی خرچ کرو اپنے والدین، قریب ترین رشتہ داروں، یتیموں، مسکینوں اور مسافروں پر خرچ کرو اور جو کار خیر تم بجا لاؤ گے یقیناً اللہ اس سے خوب آگاہ ہے۔(۲۱۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۱۱:

اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو حضرت موسیٰ علیہ السلام جیسا قائد اور اپنے خصوصی الطاف اور معجزات سے نوازا اور انہیں فرعون کی غلامی سے آزادی دلائی۔ زندگی گزارنے کے لیے الٰہی قوانین اتارے اور مادی حوالے سے بھی اچھی زندگی کے اسباب اور وسائل فراہم کئے۔ لیکن ان کی جانب سے کفران نعمت اس حد تک بڑی گئی تھی کہ انہوں نے جناب ہارون کی بجائے سامری کی پیروی کرنا شروع کیا اور خدا پرستی کی بجائے گوسالہ پرستی میں مشغول ہو گئے۔ بنی اسرائیل جن کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا: (فَضَّلۡتُکُمۡ عَلَی الۡعٰلَمِیۡنَ)’’بقرہ، ۴۷‘‘ ان کے غلط کاموں کی وجہ سے (بَآءُوۡ بِغَضَبٍ) انہوں نے اللہ تعالیٰ کا غضب خریدا’’بقرہ، ۶۱‘‘ ہوگئے۔ تاریخ کا مطالعہ اور اس سے عبرت لینا ضروری ہے (سَلۡ بَنِیۡۤ اِسۡرَآءِیۡلَ)۔ نعمتوں کے مقابلے میں انسان پر کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، ان ذمہ داریوں کو پورا نہ کرنے پر انسان سزا کا مستحق ٹھہرتا ہے(مَنۡ یُّبَدِّلۡ۔۔۔شَدِیۡدُ الۡعِقَابِ)۔

آیت ۲۱۲:

یہ آیت ایک طرف سے کفار کو خبردار کررہی ہے کہ دنیا کی رنگینیوں میں مست ہوکر مومنوں کا مذاق اڑانے سے گریز کریں اور دوسری طرف سے مومنوں کو حوصلہ دے رہی ہے کہ کفار کےمسخرہ کرنے سے سست نہ پڑ جائیں بلکہ روشن مستقبل کی امید رکھیں۔ کفر انسان کی نگاہ میں دنیا کو خوبصورت بنا دیتا ہے (زُیِّنَ لِلَّذِیۡنَ کَفَرُوا)۔ دنیا داری دوسروں کی تذلیل اور تضحیک کرنے کا سبب بنتی ہے(زُیِّنَ لِلَّذِیۡنَ کَفَرُوا۔۔۔ یَسۡخَرُوۡنَ)۔ بے شمار رزق اللہ تعالیٰ کےفضل کی نشانی ہے، البتہ ایسا نہیں کہ خدا اس کا حساب نہیں رکھتا یا اسے حکمت کے ساتھ تقسیم نہیں کرتا ہے(یَرۡزُقُ۔۔۔بِغَیۡرِ حِسَابٍ)۔

آیت ۲۱۳:

اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ شروع میں انسانوں کی زندگی سادہ تھی لیکن آہستہ آہستہ لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہونے اور ان کے سلیقے مختلف ہونے کہ وجہ ان کے درمیان اختلافات اور جھگڑے شروع ہوئے۔ پھر، قدرتی وسائل کے استعمال اور اس حوالے سے کہ ہر ایک دوسرے سے کام لے کر اس سے فائدہ اٹھانا چاہتا تھا، لوگوں میں اختلاف ہوا اور ان میں طبقات پیدا ہوئے۔ سماجی زندگی کی ضروریات میں سے ایک منصفانہ اور مضبوط قوانین کا ہونا ہے۔ جس کے ذریعہ انسانوں کے درمیان پائے جانے والےاختلافات کو حل کرسکیں۔ اللہ تعالیٰ نے پیغمبروں کو لوگوں میں پائے جانے والے اختلافات حل کرنے اور لڑائی جھگڑوں سے روکنے کے لیے مبعوث فرمایا لیکن کچھ لوگوں نے جان بوجھ کر ضد اور ہٹ دھرمی کی بنا پر انبیاء کی بشارت اور ان کے ڈرانے کے عمل کو قبول کرنے سے انکار کیا اور لوگوں میں اختلاف اور تفرقہ و انتشار کا سبب بنے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے لطف و کرم سے ایسے لوگوں کو ہدایت دی جو ہدایت قبول کرنے کے لائق تھے اور ان لوگوں کو اپنے حال پر چھوڑ دیا جو حسد یا ظلم و زیادتی کی بنا پر حق کو قبول کرنے کے لیے تیار نہ تھے تاکہ ایک دن اپنے کئے کی سزا بھگتیں۔ قرآن کی تنقید اس ضدی اختلاف پر ہے کہ انسان انبیاء کے فیصلے اور خدا کے قانون کو ماننے کو تیار نہ ہو بصورت دیگر اس اختلاف میں کوئی حرج نہیں جو بالآخر انصاف کے سامنے سرتسلیم خم کرے۔ ترازو کے دو پلڑوں کے درمیان موجود اختلاف کی مانند جن کی متضاد حرکتوں کا مقصد انصاف کاحصول ہے(فَہَدَی اللّٰہُ ۔۔۔لِمَا اخۡتَلَفُوۡا فِیۡہِ)۔ قانون اور انسانی تہذیب تنازعات کو حل کرنے سے قاصر ہے۔ کیونکہ ہر گروہ اور فرد اپنے مفادات کے پیچھے ہے۔ تنازعات کو الٰہی قانون اور انبیاء کے فیصلے کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔ ایک ایسا قانون جو تحریف اور غلطی سے محفوظ ہےاور اس کے مطابق فیصلہ کرنے والا نفسانی خواہشات، ہوا و ہوس اور ذاتی اغراض سے پاک ہے(فَبَعَثَ اللّٰہُ ۔۔۔ مَعَہُمُ الۡکِتٰبَ)۔ انبیاء تنازعات کو روکنے کے لیے خوشخبری اور ان کے علاج کے لیے انذار کا استعمال کرتے ہیں (مُبَشِّرِیۡنَ وَ مُنۡذِرِیۡنَ۔۔۔لِیَحۡکُمَ بَیۡنَ النَّاسِ)۔ انبیاء کے فرائض میں سے ایک لوگوں میں اتحاد پیدا کرنا اور تفرقہ کو ختم کرنا ہے (لِیَحۡکُمَ۔۔۔فِیۡمَا اخۡتَلَفُوۡا)۔ اختلاف کی بدترین قسم آگاہانہ اختلاف ہے جو حسد اور ظلم کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے(مَا اخۡتَلَفَ فِیۡہِ ۔۔۔ مِنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡہُمُ الۡبَیِّنٰتُ بَغۡیًۢا)۔ اہل ایمان میں بھی اختلاف پیدا ہوتا ہے لیکن وہ خدا کی ولایت کے نور سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں (فَہَدَی اللّٰہُ ۔۔۔ لِمَا اخۡتَلَفُوۡا فِیۡہِ)۔ صراط مستقیم’’سیدھا راستہ‘‘ اختلافات کو ختم کرنے کا وسیلہ ہے (اخۡتَلَفُوۡا۔۔۔یَہۡدِیۡ ۔۔۔صِرَاطٍ مُّسۡتَقِیۡمٍ)۔

آیت ۲۱۴:

احادیث میں ہے: ’’جنت مشکلات کے درمیان گھری ہوئی ہے‘‘اور ’’اس دنیا میں مشکلات کا شکار مومنوں کے لیے ایسا اجر ہے کہ دوسرے کہیں گے کہ اے کاش!یہ مشکلات ہمارے لیے ہوتیں‘‘۔ جی ہاں! مشکلات، ارتقا اور اللہ تعالیٰ کا قُرب حاصل کرنے اور جنت میں داخل ہونے کا راستہ ہیں۔ ’’نابردہ رنج، گنج میسّر نمی شود ۔۔۔مزد آن گرفت جان برادر کہ کار کرد‘‘سختیاں جھیلے بغیر خزانہ نہیں مل سکتا۔ عزیز بھائی! اجر و بدلہ اسی کو ملتا ہے جو کام کرتاہے‘‘۔ محض ایمان کی وجہ سے اور بغیر عمل کے اور تکلیف برداشت کیے جنت میں جانے کی امید رکھنا بے جا اور نادرست توقع ہے (اَمۡ حَسِبۡتُمۡ اَنۡ تَدۡخُلُوا الۡجَنَّۃَ)۔ الٰہی قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں ہے؛تمام اقوام اور افراد کو آزمائشوں سے گزرنا ہوگا(وَ لَمَّا یَاۡتِکُمۡ مَّثَلُ الَّذِیۡنَ خَلَوۡا مِنۡ قَبۡلِکُمۡ)۔ دوسروں کی مشکلات اور مسائل پر توجہ دینا راحت و سکون کا ذریعہ ہے ،ہمیں تاریخ سے درس عبرت لینا چاہیے اور اسے اپنے لیے نمونہ قرار دینا چاہیے (مَسَّتۡہُمُ الۡبَاۡسَآءُ وَ الضَّرَّآءُ)۔ الٰہی آزمائشیں اتنی سخت ہیں کہ بعض اوقات انبیاءبھی پریشان ہوجاتے ہیں (حَتّٰی یَقُوۡلَ الرَّسُوۡلُ وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا مَعَہٗ مَتٰی نَصۡرُ اللّٰہِ)۔ مشکلات اور سختیوں کے وقت انبیاء لوگوں سے جدا نہیں ہوتے تھے (یَقُوۡلَ الرَّسُوۡلُ وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا مَعَہٗ)۔ دعا کے قبول ہونے کی شرطوں میں سے ایک پریشانی اور غیر خدا سے امید نہ رکھنا ہے(مَتٰی نَصۡرُ اللّٰہِ ۔۔۔ اِنَّ نَصۡرَ اللّٰہِ قَرِیۡبٌ)۔ پریشانیوں کے وقت اللہ تعالیٰ کی نصرت کو یاد کرنا ان پریشانیوں کی وجہ سے لاحق بے سکونی کو دور کرنے اور آرام و سکون کا وسیلہ ہے (اَلَاۤ اِنَّ نَصۡرَ اللّٰہِ قَرِیۡبٌ)۔

آیت ۲۱۵:

اس آیت میں دو مرتبہ ’’خیر‘‘ کا لفظ ذکر ہوا ہے:ایک ’’انفاق خیر‘‘: (اَنۡفَقۡتُمۡ مِّنۡ خَیۡرٍ) اور دوسرا ’’عمل خیر‘‘:(تَفۡعَلُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ) تاکہ یہ بتایا جائے کہ فقیر اور نادار لوگ بھی عمل کے ذریعہ سے خیر کو پا سکتے ہیں۔ حدیث میں ہے: (لَا صَدَقَۃَ و ذُو رَحمٍ مُحتاج)اگر قریبی رشتہ دار محتاج ہو تو صدقہ ’’اسی کو دیا جائے‘‘دوسروں کو نہ دیا جائے۔ انفاق کی پانچ قسمیں ہیں: ۱۔واجب انفاق، جیسے زکات، خمس، کفارات، فدیہ اور ان لوگوں کا نفقہ جن کا نفقہ انسان پر واجب ہے۔ ۲۔مستحب انفاق جیسے بے نواؤں، غریبوں اور یتیموں کی امداد اور دوستوں کو تحفہ دینا۔ ۳۔ حرام انفاق جیسے غصبی مال سے انفاق کرنا یا گناہ کے لیے انفاق کرنا۔ ۴۔مکروہ انفاق جیسے اپنے قریبی رشتہ دار کے محتاج ہوتے ہوئے دوسروں پر انفاق کرنا، کیونکہ اس کا ثواب کمتر ہے۔ ۵۔مباح انفاق جیسے دوسروں کی آرام دہ زندگی کے لیے انفاق کرنا کیونکہ غربت کے خاتمہ کے لیے انفاق کرنا واجب یا مستحب ہے۔ انفاق بڑے اور چھوٹے تمام کاموں کو شامل ہے(مِنۡ خَیۡرٍ)۔ مال و ثروت اگر باایمان افراد کے پاس ہو تو یہ خیر کا وسیلہ ہوتا ہے (مِنۡ خَیۡرٍ)۔ انفاق صرف مالی امور میں نہیں بلکہ دوسروں کو کسی بھی طرح کا فائدہ پہنچانا انفاق کا مصداق ہے (مِنۡ خَیۡرٍ)۔ انفاق کے سب سے بہترین حقدار والدین اور رشتہ دار ہیں (فَلِلۡوَالِدَیۡنِ وَ الۡاَقۡرَبِیۡنَ)۔ رشتہ داروں پر انفاق کرنے سے خاندانی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں اور دوسروں پر انفاق کرنے سے ضرورت مندوں کی مالی اور جذباتی کمی کی تلافی ہوتی ہے(فَلِلۡوَالِدَیۡنِ وَ الۡاَقۡرَبِیۡنَ وَ الۡیَتٰمٰی وَ الۡمَسٰکِیۡنِ وَ ابۡنِ‌السَّبِیۡلِ)۔ اسلام میں محروم طبقے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے(الۡمَسٰاکِیۡنِ)۔ نیک عمل کبھی ضائع نہیں ہوتا، خواہ وہ آشکار ہو یا مخفیانہ، کم ہو یا زیادہ(فَاِنَّ اللّٰہَ بِہٖ عَلِیۡمٌ)۔ اس بات پر ایمان رکھنا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اعمال سے باخبر ہے، نیک کام انجام دینے کے لیے بہترین ترغیب دلانے کا وسیلہ ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ بِہٖ عَلِیۡمٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 216 تا 219
كُتِبَ عَلَيۡكُمُ ٱلۡقِتَالُ وَهُوَ كُرۡهٞ لَّكُمۡۖ وَعَسَىٰٓ أَن تَكۡرَهُواْ شَيۡـٔٗا وَهُوَ خَيۡرٞ لَّكُمۡۖ وَعَسَىٰٓ أَن تُحِبُّواْ شَيۡـٔٗا وَهُوَ شَرّٞ لَّكُمۡۚ وَٱللَّهُ يَعۡلَمُ وَأَنتُمۡ لَا تَعۡلَمُونَ ٢١٦ يَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلشَّهۡرِ ٱلۡحَرَامِ قِتَالٖ فِيهِۖ قُلۡ قِتَالٞ فِيهِ كَبِيرٞۚ وَصَدٌّ عَن سَبِيلِ ٱللَّهِ وَكُفۡرُۢ بِهِۦ وَٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِ وَإِخۡرَاجُ أَهۡلِهِۦ مِنۡهُ أَكۡبَرُ عِندَ ٱللَّهِۚ وَٱلۡفِتۡنَةُ أَكۡبَرُ مِنَ ٱلۡقَتۡلِۗ وَلَا يَزَالُونَ يُقَٰتِلُونَكُمۡ حَتَّىٰ يَرُدُّوكُمۡ عَن دِينِكُمۡ إِنِ ٱسۡتَطَٰعُواْۚ وَمَن يَرۡتَدِدۡ مِنكُمۡ عَن دِينِهِۦ فَيَمُتۡ وَهُوَ كَافِرٞ فَأُوْلَٰٓئِكَ حَبِطَتۡ أَعۡمَٰلُهُمۡ فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ٢١٧ إِنَّ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَٱلَّذِينَ هَاجَرُواْ وَجَٰهَدُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ أُوْلَٰٓئِكَ يَرۡجُونَ رَحۡمَتَ ٱللَّهِۚ وَٱللَّهُ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ٢١٨ ۞ يَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلۡخَمۡرِ وَٱلۡمَيۡسِرِۖ قُلۡ فِيهِمَآ إِثۡمٞ كَبِيرٞ وَمَنَٰفِعُ لِلنَّاسِ وَإِثۡمُهُمَآ أَكۡبَرُ مِن نَّفۡعِهِمَاۗ وَيَسۡـَٔلُونَكَ مَاذَا يُنفِقُونَۖ قُلِ ٱلۡعَفۡوَۗ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمُ ٱلۡأٓيَٰتِ لَعَلَّكُمۡ تَتَفَكَّرُونَ ٢١٩
ترجمہ
جہاد تمہارے اوپر فرض کیا گیا ہےکہ اگرچہ یہ تمہارے لیے ناپسندیدہ ہے، ہو سکتا ہے کہ جو تمہیں ناپسند ہے وہ تمہارے لیے بہتر ہو اور جس کو تم پسند کرو وہ تمہارے لیے نقصان دہ ہو، اللہ تو جانتا ہے جبکہ تم نہیں جانتے۔(۲۱۶) تم سے حرام مہینہ بارے سوال کرتے ہیں کہ اس میں جنگ کرنے کا کیا حکم ہے تو (اے رسول!) ان سے کہہ دو: اس میں جنگ کرنا بڑا گناہ ہے، لیکن لوگوں کو اللہ کی راہ سے روکنا، لوگوں کو مسجد الحرام میں آنے سے روکنا اور وہاں کے رہائشیوں کو وہاں سے نکالنا، اللہ کے ہاں بڑا گناہ ہے، کیونکہ فتنہ انگیزی اور مومنوں کو ان کے گھروں سے نکال دینا، قتل سے بدتر ہے۔ مشرکین مسلسل تم سے جنگ کریں گے تاکہ اگر ہوسکے تو وہ تمہیں دین سے واپس لوٹا دیں۔ تم میں سے جو بھی اپنے دین سے پھر جائے اور کفر کی حالت میں مرجائے تو ان کے اعمال دنیا و آخرت میں ضائع ہوجائیں گے، وہ دوزخی ہیں اور ہمیشہ آتش جہنم میں رہیں گے۔(۲۱۷) جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جن لوگوں نے ہجرت کی ہے اور راہ خدا میں جہاد کیا ہے وہ اللہ کی رحمت کے امیدوار ہیں، اللہ بخشنے والااور مہربان ہے۔(۲۱۸) (اے رسول!) تجھ سے شراب اور جوئے کے بارے سوال کرتے ہیں، ان سے کہہ دو کہ ان دونوں میں گناہ اور بڑا نقصان ہے، البتہ ان دو میں لوگوں کے لیے کچھ مادی فوائد بھی ہیں لیکن ان دونوں کا گناہ ان کے فوائد سے زیادہ ہے، اسی طرح تجھ سے سوال کرتے ہیں کہ وہ کیا انفاق کریں؟ ان سے کہہ دو: اپنی ضرورت سے جو زائد ہو اسے اللہ کی راہ میں دے دو؛ اللہ اس طرح آیات کو تمہارے لیے واضح بیان کرتا ہے، یہ اس لیے ہے کہ تم ان امور بارے غور و فکر کرو۔(۲۱۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۱۶:

انسان یا تو آرام طلبی کی وجہ سے جنگ کو پسند نہیں کرتا ہے یا دوسرے انسانوں کو دوست رکھنے اور ان پر مہربانی کےجذبات کی وجہ سے جنگ کو پسند نہیں کرتا، یا دشمن کی طاقت کے زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ جنگ کو پسند نہیں کرتا۔ اس بارے قرآن مجید فرما رہا ہے کہ تم اس لیے جنگ کو پسند نہیں کرتے کیونکہ تم جہاد کے فوائد اور اس پر مرتب ہونے والے اثرات کو نہیں جانتے جبکہ اللہ تعالیٰ تمام کاموں اور ان پر فوری طور پر اور مستقبل میں مرتب ہونے والے اثرات اور رازوں سے آگاہ ہے اور اس عمل کے تمام پہلوں پر اللہ تعالیٰ کی نظر ہے۔ خیر و شر کا معیار ذاتی مفادات،ذاتی رجحانات یا انفرادی آسانی یا سختی نہیں کہ ہم اپنے اندازوں کے مطابق اور اپنے سامنے موجود امور کا سہارا لے کر فیصلہ دیں(عَسٰۤی اَنۡ تَکۡرَہُوۡا شَیۡئًا وَّ ہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ)۔ ذاتی نفرت اور محبت، حقیقی خیر و شر کا تعین نہیں کرتے(تَکۡرَہُوۡا۔۔۔وَ ہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ۔۔۔ تُحِبُّوۡا۔۔۔وَ ہُوَ شَرٌّ لَّکُمۡ)۔ دین کی راہ میں جنگ اور جہاد خیر کا سبب ہے (کُتِبَ عَلَیۡکُمُ الۡقِتَالُ۔۔۔ وَ ہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ)اسلام جو بھی حکم دیتا ہے اس میں خیر ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے حکم کو تسلیم کریں کہ اس کا علم بے نہایت ہے، اگرچہ ہمارے علم میں یہ بات نہ آئے کہ وہ حکم کیوں دیا جا رہا ہے، کیونکہ اللہ تعالٰی جو بھی فرمان دیتا ہے وہ حکمت کے تحت ہوتا ہے (وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ وَ اَنۡتُمۡ لَا تَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۲۱۷:

اس آیت میں ’’فتنہ‘‘سے شرک، اذیت و تکلیف اور امتحان مراد ہے۔ تفاسیر میں ہے کہ رسول اکرمﷺ نے عبداللہ بن جحش نامی شخص کو آٹھ افراد کے ایک گروہ کے ساتھ مشرکین مکہ کے بارے معلومات جمع کرنے کے لیے روانہ کیا۔ اس ملاقات کے بعد مشرکین کی جماعت کا سربراہ قتل ہو گیا اور ان کے دو آدمی قیدی ہوگئے۔ یہ حادثہ حرام مہینوں میں سے پہلا مہینہ رجب میں رونما ہوا ، جبکہ اس گروہ کا خیال تھا کہ یہ جمادی الثانی کا آخری دن ہے، نہ پہلی رجب۔ بہرحال یہ معرکہ پہلی رجب کو رونما ہوا۔ کافروں نے اس واقعہ کو بنیاد بنا کر مشہور کردیا کہ مسلمان حرام مہینوں کا احترام نہیں کرتے۔ دشمن کے اس پروپیگنڈہ کے جواب میں قرآن مجید نے جواب دیا کہ اگرچہ حرام مہینوں میں جنگ کرنا جائز نہیں لیکن یہ جنگ غلطی سے ہوئی ہے جبکہ تم مشرکین نے تو جان بوجھ کر حرام مہینوں میں ایسے جرائم کا ارتکاب کیا ہے جن کی سزا حرام مہینوں میں جنگ سے زیادہ شدید ہے۔ مرتد کا عمل دنیا میں حبط ’’ضائع‘‘ہوجاتا ہے اور وہ اسلام کے دنیاوی فوائد سے محروم ہوجاتا ہے۔ کیونکہ اس کی سزا یہ ہے کہ اس کی بیوی اس سے جدا ہو جاتی ہے، وہ وراثت سے محروم ہوجاتا ہے اور اسلام کی حمایت سے نکل جاتا ہے اور آخرت میں تمام نیک کاموں کے اجر و ثواب سے محروم رہے گا جو اس نے دنیا میں انجام دئے ہیں(حَبِطَتۡ اَعۡمَالُہُمۡ فِی الدُّنۡیَا وَ الۡاٰخِرَۃِ)۔ مسجد الحرام اور وہاں کے باسیوں کا خاص احترام ہے (وَ الۡمَسۡجِدِ الۡحَرَامِ ٭ وَ اِخۡرَاجُ اَہۡلِہٖ مِنۡہُ اَکۡبَرُ)۔ امن کو تباہ کرنا قتل سے زیادہ بڑا جرم ہے (وَ الۡفِتۡنَۃُ اَکۡبَرُ مِنَ الۡقَتۡلِ)۔ دشمن کی طاقت، اس کی صلاحیتوں اور ان کے پاس موجود وسائل کا علم رکھنا ضروری ہے (وَ لَا یَزَالُوۡنَ یُقَاتِلُوۡنَکُمۡ حَتّٰی یَرُدُّوۡکُمۡ عَنۡ دِیۡنِکُمۡ)۔ دشمن ہمیشہ تاک میں رہتا ہے، مرتد ہوجاتاہے، کفر اختیار کرلیتا ہے اور تمہارے دین سے پھیر جانے کی آرزو کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتا ہے، وہ تمہارے دین سے پھیر جانے سے کم تر پر راضی نہیں ہوتا، وہ وقتی اور عارضی کامیابی پر خوش نہیں ہوتا اور تمہاری ثقافت، تمہارے مکتب اور تمہارے دین کا خاتمہ چاہتا ہے (حَتّٰی یَرُدُّوۡکُمۡ عَنۡ دِیۡنِکُمۡ)۔ حُسن عاقبت اور اچھا انجام قابل قدر ہے اور اہمیت رکھتا ہے، کتنے سارے ایسے لوگ تھے جو مسلمان تھے لیکن مرتے وقت کافر ہو کر مرے، ایک عرصہ تک نیک زندگی گزاری لیکن خاتمہ برا ہوا، اس لیے ہر شخص کو دعا کرنا چاہیے کہ اس کا انجام بخیر ہو، عاقبت اچھی ہو اور مرتے دم تک ایمان پر باقی رہے، دین سے منحرف نہ ہوجائے (فَیَمُتۡ وَ ہُوَ کَافِرٌ)۔ ایمان اور عقیدہ کی اتنی اہمیت ہے کہ اگر ایمان نہ رہے تو انسان کے تمام نیک اعمال ضائع ہوجائیں گے (وَ مَنۡ یَّرۡتَدِدۡ مِنۡکُمۡ۔۔۔ حَبِطَتۡ اَعۡمَالُہُمۡ)۔

آیت ۲۱۸:

یہ آیت سابقہ آیت کاتسلسل ہے اور اس کے شان نزول میں آیا ہے کہ جن مومنین نے ہجرت کی اور جہاد کیا اور ماہ رجب کی پہلی تاریخ کو جمادی الثانی کی آخری تاریخ سمجھ کر غلطی سے مشرکین کے ساتھ جنگ کی تو ان کی غلطی معاف کردی گئی کیونکہ ان کا ارادہ گناہ کرنا نہ تھا۔ عمل کے بغیر جنت یا کامیابی کی امید رکھنا ایسی آرزو ہے جس کے متعلق سورہ کہف کی آخری آیت میں ہے (فَمَنۡ کَانَ یَرۡجُوۡا لِقَآءَ رَبِّہٖ فَلۡیَعۡمَلۡ عَمَلًا صَالِحًا وَّ لَا یُشۡرِکۡ بِعِبَادَۃِ رَبِّہٖۤ اَحَدًا) ہر وہ شخص جو اپنے رب کی ملاقات کی امید رکھتا ہے اور قرب کا مقام چاہتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ خالصانہ عمل کرے اور کسی کو اپنے رب کا شریک نہ بنائے۔ (رجاء) اس امید کو کہتے ہیں کہ انسان جس کے حصول کی راہ ہموار کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے الطاف اور اس کی مہربانیوں کو حاصل کرنے کی راہ ہموار کرنا ہوگی، اس کے لیے اسلام میں اس طرح رہنمائی کی گئی ہے: ۱۔ نا امیدی کو گناہا ن کبیرہ میں سے قرار دیا گیا ہے۔’’زمر، ۵۳‘‘ ۲۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں مومن کے گمان کے نزدیک ہوں، اگر وہ میرے متعلق اچھا گمان کرے تو میں اسے اچھائی سے نوازوں گا۔ ۳۔ انبیاء، اولیاء اور فرشتے مومنوں کے لیے دعا اور استغفار کرتے ہیں ۔’’غافر، ۷ و ابراہیم، ۴۱‘‘ ۴۔ اللہ تعالیٰ کا ثواب انسان کے عمل سے کئی گنا زیادہ ہے ۔’’بقرہ، ۲۶۱‘‘ ۵۔ انسان کے لیے توبہ کا راستہ کھلا ہے اور اللہ توبہ کرنے والوں کی توبہ قبول کرتا ہے۔’’نساء، ۱۸‘‘ ۶۔ مومن پر آنے والی پریشانیاں اور مصائب اس کے گناہوں کا کفارہ بنتے ہیں۔ ۷۔ اللہ تعالیٰ توبہ کرنے والے کی توبہ کو قبول کرنے کے بعد اس کی برائیوں کو نیکیوں میں بدل دیتا ہے۔ ’’فرقان، ۷۰‘‘ اللہ تعالیٰ کے الطاف اور مہربانیوں کے حصول کی شرط ایمان، جہاد اور ہجرت کرنا ہے (اٰمَنُوۡا ۔۔۔ ہَاجَرُوۡا وَ جٰہَدُوۡ۔۔۔یَرۡجُوۡنَ)۔ اگر نظریات، عقائد اور اعمال کی بنیاد درست ہو تو جزئی غلطیوں سے معافی مل جاتی ہے (یَرۡجُوۡنَ رَحۡمَتَ اللّٰہِ)۔ انسان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے لطف و کرم کی امید رکھے، اپنے اعمال پر بھروسہ نہ کرے کیونکہ انسان کے لیے ہر وقت برے انجام اور اعمال کے (حبط) ضائع ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔ جب بندہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کا امیدوار ہو تو اللہ تعالیٰ کی رحمت اس کے نصیب ہوتی ہے(یَرۡجُوۡنَ رَحۡمَتَ اللّٰہِ ؕ وَ اللّٰہُ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ)۔ جو مومنین مجاہد اور مہاجر ہیں ان تمام خصوصیات کے ہوتے ہوئے بھی انہیں مغفرت کی ضرورت ہے (اٰمَنُوۡا ۔۔۔ ہَاجَرُوۡا۔۔۔یَرۡجُوۡنَ رَحۡمَتَ اللّٰہِ)۔

آیت ۲۱۹:

(ۡخَمۡر) پردہ ڈالنے اور ڈھاپنے کے معنی میں ہے۔اسی وجہ سے عورتیں جس کپڑے کو اپنے حجاب کے لیے استعمال کرتی ہیں اسے (خمار)’’سر ڈھاپنے والا کپڑا‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے کہ شراب پینے سے انسان اپنی عقل کی صلاحیت کھو بیٹھتا ہے اور صحیح اور غلط کی تمیز نہیں کرسکتا تو گویا اس کی عقل پر پردہ پڑ جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے شراب کو (خمر) کہا جاتا ہے۔ اسی طرح (الۡمَیۡسِر) یسر سے ہے جس کا معنی آسانی ہے۔ جوئے میں فریقین پیسے لگاتے ہیں اور بغیر کاروبار کئے جتنے والا آسانی سے مال بٹورتا ہے جو کہ ناجائز اور حرام ہوتا ہے اس لیے اللہ تعالیٰ نے اس عمل سے منع کیا ہے۔ (عفو) معاف کرنے اور درگزر کرنے کے معنی میں ہے۔ اس کے علاوہ یہ لفظ وسط اور میانہ روی کے معنی میں بھی آیا ہے، نیز مال کے بہترین حصہ اور مال سے بچت کے معنی میں بھی استعمال ہوا ہے۔ اس آیت میں یہ تمام معانی مراد لیے جاسکتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ اس جگہ عفو سے تمام معانی مراد لیے جائیں۔ آیت کہہ رہی ہے کہ اگر تم انفاق کرنا چاہتے ہو تو ہر سطح پر اعتدال اور میانہ روی کا لحاظ رکھو اور تمام مال خرچ نہ کرو کہ بعد میں تمہیں خود اس مال کی ضرورت ہو؛ جب انفاق کرو تو اپنے مال سے بہترین مال کو خرچ کرو۔ شراب کی حرمت کا حکم تدریجی نازل ہوا، کیونکہ عرب شراب خواری میں مبتلا تھے اس لیے تدریجی طور پر انہیں شراب کی حرمت پر آمادہ کیا گیا، یکدم ان پر دباؤ نہیں ڈالا گیا۔ شروع میں یہ آیت نازل ہوئی (تَتَّخِذُوۡنَ مِنۡہُ سَکَرًا وَّ رِزۡقًا حَسَنًا) ’’نحل، ۶۷‘‘ تم لوگ انگور سے مست کرنے والی شراب تیار کرتے ہو اور اس سے اچھی روزی بھی حاصل کرتے ہو۔ اس کے بعد یہ آیت نازل ہوئی (فِیۡہِمَاۤ اِثۡمٌ کَبِیۡرٌ وَّ مَنَافِعُ لِلنَّاسِ ۫ وَ اِثۡمُہُمَاۤ اَکۡبَرُ) شراب خواری اور جوا کھیلنے کا نقصان ان دو کی منفعت سے زیادہ ہے۔ اس کے بعد یہ آیت نازل ہوئی (لَا تَقۡرَبُوا الصَّلٰوۃَ وَ اَنۡتُمۡ سُکٰرٰی)’’ نساء، ۴۳‘‘ نشہ کی حالت میں نماز کے قریب نہ ہوں۔ آخر میں ہمیشہ کی حرمت اور علنی بیان کیا (اِنَّمَا الۡخَمۡرُ وَ الۡمَیۡسِرُ۔۔۔رِجۡسٌ مِّنۡ عَمَلِ الشَّیۡطٰنِ) ’’ مائدہ، ۹۰‘‘ شراب اور جوا نجس اور شیطانی عمل ہے۔ شراب کی حرمت سے عقل و سوچ کی سلامتی اور جوئے کی حرمت سے روحانی اور معاشی سلامتی کی پاسداری کی گئی ہے (فِیۡہِمَاۤ اِثۡمٌ کَبِیۡرٌ ۔۔۔وَ اِثۡمُہُمَاۤ اَکۡبَرُ)۔ قانون سازی میں اہم اور زیادہ اہم کے قانون کا لحاظ رکھا جائے (مَنَافِعُ لِلنَّاسِ ۫ وَ اِثۡمُہُمَاۤ اَکۡبَرُ)۔ الٰہی احکام منافع اور مفاسد’’نفع و نقصان‘‘ کی بنیاد پر ہیں (اِثۡمُہُمَاۤ اَکۡبَرُ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 220 تا 224
فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِۗ وَيَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلۡيَتَٰمَىٰۖ قُلۡ إِصۡلَاحٞ لَّهُمۡ خَيۡرٞۖ وَإِن تُخَالِطُوهُمۡ فَإِخۡوَٰنُكُمۡۚ وَٱللللَّهُ يَعۡلَمُ ٱلۡمُفۡسِدَ مِنَ ٱلۡمُصۡلِحِۚ وَلَوۡ شَآءَ ٱللَّهُ لَأَعۡنَتَكُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٞ ٢٢٠ وَلَا تَنكِحُواْ ٱلۡمُشۡرِكَٰتِ حَتَّىٰ يُؤۡمِنَّۚ وَلَأَمَةٞ مُّؤۡمِنَةٌ خَيۡرٞ مِّن مُّشۡرِكَةٖ وَلَوۡ أَعۡجَبَتۡكُمۡۗ وَلَا تُنككِحُواْ ٱلۡمُشۡرِكِينَ حَتَّىٰ يُؤۡمِنُواْۚ وَلَعَبۡدٞ مُّؤۡمِنٌ خَيۡرٞ مِّن مُّششۡرِكٖ وَلَوۡ أَعۡجَبَكُمۡۗ أُوْلَٰٓئِكَ يَدۡعُونَ إِلَى ٱلنَّارِۖ وَٱللَّهُ يَدۡعُوٓاْ إِلَى ٱلۡجَنَّةِ وَٱلۡمَغۡفِرَةِ بِإِذۡنِهِۦۖ وَيُبَيِّنُ ءَايَٰتِهِۦ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمۡ يَتَذَكَّرُونَ ٢٢١ وَيَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلۡمَحِيضِۖ قُلۡ هُوَ أَذٗى فَٱعۡتَزِلُواْ ٱلنِّسَآءَ فِي ٱلۡمَحِيضِ وَلَا تَقۡرَبُوهُنَّ حَتَّىٰ يَطۡهُرۡنَۖ فَإِذَا تَطَهَّرۡنَ فَأۡتُوهُنَّ مِنۡ حَيۡثُ أَمَرَكُمُ ٱللَّهُۚ إِنَّ ٱللَّهَ يُحِبُّ ٱلتَّوَّٰبِينَ وَيُحِبُّ ٱلۡمُتَطَهِّرِينَ ٢٢٢ نِسَآؤُكُمۡ حَرۡثٞ لَّكُمۡ فَأۡتُواْ حَرۡثَكُمۡ أَنَّىٰ شِئۡتُمۡۖ وَقَدِّمُواْ لِأَنفُسِكُمۡۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّكُم مُّلَٰقُوهُۗ وَبَشِّرِ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ ٢٢٣ وَلَا تَجۡعَلُواْ ٱللَّهَ عُرۡضَةٗ لِّأَيۡمَٰنِكُمۡ أَن تَبَرُّواْ وَتَتَّقُواْ وَتُصۡلِحُواْ بَيۡنَ ٱلنَّاسِۚ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٞ ٢٢٤
ترجمہ
دنیا و آخرت (کے متعلق سوچو)، تجھ سے یتیموں کے بارے پوچھتے ہیں تو ان سے کہو کہ ان کے امور بارے اصلاح کرنا بہتر ہے، اگر اپنی زندگی کو ان کی زندگی کے ساتھ جوڑ دو تو (کوئی حرج نہیں ہے) وہ تمہارے بھائی ہیں، اللہ جانتا ہے کہ فسادی کون ہے اور اصلاح کرنے والا کون ہے، اگر خدا چاہتا تو تمہیں تنگی میں ڈال دیتا اور تمہیں دستور نہ دیتا ان کی سرپرستی کرتے ہوئے ان کے اموال کو اپنے اموال سے جدا رکھو لیکن اللہ ایسا نہیں کرتا کہ بلا شک اللہ توانا اور حکیم ہے۔(۲۲۰) مشرکہ عورتیں جب تک ایمان نہ لائیں ان سے نکاح مت کرو یقینی امر ہے کہ با ایمان کنیز، آزاد مشرکہ عورت سے بہتر ہے اگرچہ ان کی خوبصورتی تمہیں اپنی گرفت میں لے لے اور مشرک مرد جب تک ایمان نہ لائیں ان کو شادی کے لیے اپنی عورتیں نہ دو، حتمی بات ہے کہ باایمان غلام آزاد مشرک مرد سے بہتر ہے اگرچہ اس کا مال تمہیں اپنا گرویدہ کیوں نہ بنائے، وہ (مشرکین) تمہیں اپنے آئین کی طرف دعوت دیتے ہیں جبکہ اللہ اپنے فرمان سے تمہیں بہشت اور بخشش کی طرف بلاتا ہے اور اپنی آیات کو لوگوں کے لیے واضح بیان کرتا ہے تاکہ تم اس سے یادآوری حاصل کرسکو۔(۲۲۱) تم سے عورتوں کی ماہانہ عادت کے متعلق سوال کرتے ہیں، ان سے کہہ دو یہ تکلیف دہ حالت ہے، لہذا حیض کی حالت میں عورتوں سے( ہمبستری نہ کرو) دور رہو یہاں تک کہ وہ پاک ہوجائیں، پس جب وہ پاک ہوجائیں تو جس طرح اللہ نےتمہیں دستور دیا ہے اس طرح ان سے ہمبستری کرو، اللہ توبہ کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے اور پاکیزہ لوگوں کو بھی پسند کرتا ہے۔(۲۲۲) تمہاری عورتیں تمہاری کھیتی ہیں، جس جگہ اور جب چاہو اپنی کھیتی میں جاسکتے ہو، اپنے لیے (نیک اولاد اور اعمال) آگے بھیجو اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، یہ جان لو کہ تم اللہ سے ملاقات کرو گے، مومنوں کو اس کی بشارت دے دو۔(۲۲۳) اللہ کو اپنی قسموں کے لیے دستاویز قرار مت دو کہ اس بہانہ سے تم خود کو بری کرلو اور تم بچ جاؤ اور لوگوں کے درمیان صلح برقرار کرلو اور اللہ تو سننے والا اور آگاہ ہے۔(۲۲۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۲۰:

جب سورہ نساء کی آیت ۱۰ نازل ہوئی کہ یتیم کا مال کھانا آگ کھانے کی مانند ہے تو جن افراد کے گھروں میں یتیم موجود تھے وہ یہ سن کر پریشان ہوگئے اور کچھ نے یتیموں کو اپنے گھروں سے نکال دیا اور بعض نے یتیموں کی غذا کو اپنی غذا سے الگ کردیا۔ اس طرح یتیموں اور ان کے گھر والوں کے لیے مشکلات پیدا ہوگئیں۔ وہ حضور اکرمﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپ سے سوال کیا کہ یتیموں سے کیسا رویہ اپنائیں؟ پیغمبراکرمﷺ نے جواب دیا کہ یتیموں کے امور کی اصلاح کرنا انہیں چھوڑ دینے سے بہتر ہے۔ یہ درست نہیں کہ تم اس بنا پر کہ ان کے اموال تمہارے اموال سے مل گئے ہیں انہیں چھوڑ دو اور ان سے الگ ہوجاؤ اور ان کی دیکھ بھال کرنے سے گریز کرو۔ وہ تمہارے دینی بھائی ہیں، ان کے اموال کا تمہارے اموال میں شامل ہوجانا اگر اس ہدف سے نہ ہو کہ تم ان کے اموال کو حیف و میل کرو تو پھر مل کر رہنے میں کوئی حرج نہیں، یہ جان لو کہ اللہ تعالیٰ حیف و میل کرنے والے کو اصلاح کرنے والے سے خوب جانتا ہے۔ یتیموں کے اموال کی درستگی کے لیے جو بھی قدم اٹھایا جائے اس کی اہمیت ہے، ’’اصلاح‘‘ کا لفظ مطلق آیا ہے تاکہ ہر قسم کی اصلاحات کو شامل رہے، مالی اصلاح، تعلیمی اصلاح، عملی اصلاح، تربیتی اصلاح، دینی اصلاح، خوراک کی اصلاح اور دیگر تمام اصلاحات کو شامل ہے،ہر حوالے سے یتیموں کی بہتری کے لیے اقدام کیا جائے(اِصۡلَاحٌ لَّہُمۡ خَیۡرٌ)۔ کسی بھی معاملے میں افراط اور تفریط کی اجازت نہیں، اصلاح کے نام پر یتیموں کے اموال کھانے کی اجازت نہیں اور نہ ہی بگاڑ کے ڈر سے ان کو بے سہارا چھوڑنا درست ہے۔ اللہ تعالیٰ اصلاح کرنے والے اور فسادی کو جانتا ہے (وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ الۡمُفۡسِدَ مِنَ الۡمُصۡلِحِ)۔ اگر ہمیں یہ یقین ہو کہ اللہ تعالیٰ ہماری نیتوں اور نظریات سے آگاہ ہے تو ہم فساد نہ کریں اور نہ ہی قانون کی خلاف ورزی کریں گے (وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ الۡمُفۡسِدَ)۔ اسلام انسان کو اس کی طاقت سے مافوق کوئی ذمہ داری اور فریضہ نہیں دیتا (وَ لَوۡ شَآءَ اللّٰہُ لَاَعۡنَتَکُمۡ)۔

آیت ۲۲۱:

غیر مومن سے شادی کرنا اولاد کی تربیت پر منفی اثر چھوڑ سکتا ہے۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ اغیار کے کارندے بن جائیں۔ اگرچہ یہ آیت غیر مسلم سے شادی کے متعلق ہے لیکن غیر مسلم کے ساتھ ہر قسم کا ایسا میل جول جو ایمان کو خطرے میں ڈال دے تو اس کے ساتھ ایسا میل جول رکھنا جائز نہیں۔ مسلمانوں کے لیے جائز نہیں کہ وہ کافروں کے ساتھ خاندانی روابط رکھیں (وَ لَا تَنۡکِحُوا)۔ بیوی کے لیے شوہر اور شوہر کے لیے بیوی کے انتخاب میں ایمان کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، کافروں سے شادی کرنا منع ہے (وَ لَاَمَۃٌ مُّؤۡمِنَۃٌ خَیۡرٌ)۔ شادی کے لیے زوج یا زوجہ کے حسن و جمال، مال و دولت اور مقام و منصب کوئی حیثیت نہیں رکھتا، ان چیزوں کے دھوکہ میں نہ آؤ(وَ لَوۡ اَعۡجَبَتۡکُمۡ۔۔۔ وَ لَوۡ اَعۡجَبَکُمۡ)۔ مقام ، منصب، ثروت اور حسن و جمال ایمان کی جگہ کو پر نہیں کرسکتے (وَ لَوۡ اَعۡجَبَکُمۡ)۔ باایمان افراد کو اہمیت دو اور ان سے شادی کرو اگرچہ وہ مالی طور پر کمزور ہی کیوں نہ ہوں (لَاَمَۃٌ مُّؤۡمِنَۃٌ ۔۔۔ وَ لَعَبۡدٌ مُّؤۡمِنٌ خَیۡرٌ )۔ ایمان کی قدر و منزلت ہے اگرچہ با ایمان شخص غلام اور کنیز ہو اور شرک زوال کا سبب ہے اگرچہ مشرک آدمی آزاد کیوں نہ ہو (لَاَمَۃٌ مُّؤۡمِنَۃٌ خَیۡرٌ مِّنۡ مُّشۡرِکَۃٍ)۔ باپ کو اپنی بیٹی کی شادی پر حق ولایت ہے، داماد کے انتخاب کے لیے باپ کو خطاب ہے کہ اپنی بیٹی مشرکین کو مت دو (لَا تَنۡکِحُوا)۔ شادی سے پہلے ایمان کے بارے میں سوچو کیونکہ شادی کے بعد ہوسکتا ہے کہ جس شخص کے ساتھ شادی کی جارہی ہے وہ ایمان نہ لائے (حَتّٰی یُؤۡمِنَّ ۔۔۔حَتّٰی یُؤۡمِنُوۡا)۔ مشرک بیرونی طاقتوں کے آلہ کار ہوسکتے ہیں، وہ مسلمانوں کی زندگی کو تباہ و برباد کرسکتے ہیں اس لیے اس قسم کے خطرات سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے (اُولٰٓئِکَ یَدۡعُوۡنَ اِلَی النَّارِ)۔ مشرک بیوی یا شوہر ہمیشہ جہنم کی راہ ہموار کرتا ہے (یَدۡعُوۡنَ اِلَی النَّارِ)۔ دستورات الٰہی پر عمل کرنا بہشت میں جانے کا سبب ہوگا (وَ اللّٰہُ یَدۡعُوۡۤا اِلَی الۡجَنَّۃِ)۔

آیت ۲۲۲:

حیض کے ایام میں عورتوں سے کیسا رویہ اپنانا ہے اس بارے دین یہودیت میں بہت سخت موقف اپنایا گیا ہے،مسیحیت میں واضح موقف بیان نہیں ہوا ہے۔لیکن اسلام نے اس حوالے سے درمیانہ راستہ اپنایا ہے کہ ان ایام میں عورتوں سے ہمبستری کرنا منع ہے لیکن ان کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ اسلام جامع دین ہے اور اس میں زندگی سے متعلق ہر طرح کے سوال کا جواب دیا گیا ہے۔ سابقہ آیات میں بار بار یہ جملہ آیا ہے کہ (یَسۡـَٔلُوۡنَکَ)اے رسول! تجھ سے سوال کرتے ہیں، رسول اللہﷺ سے لوگوں کے سوالات کو نقل کیا ہے اور اس کا جواب دیا ہے، ان میں سے بعض سوالات جنگ کے بارے ہیں، بعض سوالات شراب اور جوئے کے بارے ہیں، کبھی انفاق کے متعلق سوال کیا ہے اور اس آیت میں عورتوں کے متعلق سوال کیا ہے کہ حیض کی حالت میں ان سے کس طرح برتاؤ کیا جائے؟ یہ ایک مکتب کی جامعیت کی نشانی ہے کہ اس میں عورتوں سے ہمبستری کرنے کے ایام اور اس کا طریقہ بھی بیان ہوا ہے۔ سوال کرنے میں حیاء بے معنی ہے (یَسۡـَٔلُوۡنَکَ عَنِ الۡمَحِیۡضِ)۔ احکام کا فلسفہ بیان کرنا اور اس بارے دلیل دینا ان احکام کو قبول کرنے کا سبب بنتا ہے، اس آیت میں پہلے حیض کی حالت میں عورتوں سے ہمبستری کے نقصانات بیان ہوئے پھر حکم دیا ہے کہ اس حالت میں ان سے ہمبستری نہ کریں کہ یہ اذیت و تکلیف کا سبب ہے (ہُوَ اَذًی ۙ فَاعۡتَزِلُوا النِّسَآءَ)۔ الٰہی احکام فوائد کے ضامن اور نقصانات کو دور کرنے کے لیے ہیں (ہُوَ اَذًی ۙ فَاعۡتَزِلُوا النِّسَآءَ فِی الۡمَحِیۡضِ)۔ بیوی سے ہمبستری کرنے کی حد و حدود ہیں (فَاعۡتَزِلُوا النِّسَآءَ فِی الۡمَحِیۡضِ)۔ شوہر کو بیوی کے حالات کا لحاظ رکھنا چاہیے، حالت حیض میں جب وہ تکلیف میں ہو تو اس سے ہمبستری نہیں کرنی چاہیے (فَاعۡتَزِلُوا النِّسَآءَ فِی الۡمَحِیۡضِ)۔ بیوی سے ہمبستری کرنے میں حفظان صحت کے اصولوں کا لحاظ رکھناچاہیے (حَتّٰی یَطۡہُرۡنَ)۔ بیوی سے ہمبستری کرتے ہوئے الٰہی احکام کا لحاظ رکھناچاہیے (فَاِذَا تَطَہَّرۡنَ فَاۡتُوۡہُنَّ مِنۡ حَیۡثُ اَمَرَکُمُ اللّٰہُ)۔

آیت ۲۲۳:

اس آیت میں عورتوں کو کھیت سے تشبیہ دی گئی ہے کہ جس زمین میں کسان اپنے بیج کو ڈالتا ہے اور اس کی پرورش کرتا ہے اسی طرح شوہر اپنی بیوی میں اپنا بیج ’’نطفہ‘‘ ڈالتا ہے، اس کی پرورش کرتا ہے اور نو مہینے بعد اس کا نتیجہ لیتا ہے۔ اس کے بعد ایک پھول سا بچہ انسان کے گلستان کو پیش کرتا ہے۔ عورتیں انسان کی نسل کی بقاء کا راز ہیں۔ پس یہ بات لازم ہے کہ ہمبستری میں انسان کا ہدف نسل بڑھانا ہو اور پاکیزہ نسل کو قیامت کے لیے ذخیرہ کرنا ہو۔ ہمبستری کی حالت میں بھی مقدس ہدف کو مدنظر رکھا جائے۔ (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ) کا جملہ اس بات سے خبردار کر رہا ہے کہ ناجائز راستوں سے بیوی سے ہمبستری نہ کرو، بلکہ اس طریقہ سے ہمبستری کرو کہ قیامت میں تمہارے لیے فائدہ مند ہو، معاشرہ کو ایسی اولاد دو جو تمہارے لیے عمل صالح کا مجسمہ ہو اور قیامت کے دن کے لیے خیرات ہو۔ جس طرح بیج اور زمین دونوں پیداوار میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اسی طرح مرد اور عورت آنے والی نسل کے لیے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں(حَرۡثٌ لَّکُمۡ)۔ غرائز اور میلانات میں بھی خدائی رنگ موجود ہونا چاہیے، اگر ہمبستری کا ہدف معاشرہ کے لیے پاکیزہ اولاد دینا ہو تو ہمبستری الٰہی رنگ اپنا لیتی ہے (وَ قَدِّمُوۡا لِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ معاشرہ کو پاکیزہ نسل دینے کا فائدہ خود اسی انسان کو بھی ملتا ہے(قَدِّمُوۡا لِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ جنسی مسائل میں تقویٰ کا لحاظ رکھو (فَاۡتُوۡا حَرۡثَکُمۡ۔۔۔وَ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔ نفسانی خواہشات کو تقویٰ سے کنٹرول کیا جائے (اَنّٰی شِئۡتُمۡ ۔۔۔وَ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔ آخرت پر ایمان،تقویٰ تک پہنچنے کا بہترین وسیلہ ہے (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ وَ اعۡلَمُوۡۤا اَنَّکُمۡ مُّلٰقُوۡہُ)۔

آیت ۲۲۴:

اس آیت کے شان نزول میں آیا ہے کہ پیغمبراکرمﷺکے اصحاب سے عبداللہ بن رواحہ نامی شخص کا اپنے داماد سے اختلاف ہوگیا۔ اس نے قسم اٹھا لی کی بیٹی اور داماد کے معاملہ میں کسی قسم کی مداخلت نہ کرے گا۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی کہ اس قسم کی قسمیں اٹھانا صحیح نہیں۔ (اَیۡمَان)یمین کی جمع ہے جو قسم اٹھانے کے معنی میں ہے ۔(عُرۡضَۃً)کسی امر کو سامنے رکھنے کے معنی میں ہے۔ قسم کو اپنی ذمہ داری سے فرار کا وسیلہ مت قرار دو۔ ہر مناسبت سے اللہ تعالیٰ کا نام استعمال مت کرو، ایسا کرنا بے ادبی اور اللہ تعالیٰ کے حضور جسارت ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: (لاَ تَحْلِفُوا بِاللَّهِ صَادِقِينَ وَ لاَ كَاذِبِينَ)اللہ تعالیٰ کے نام کی سچی قسمیں مت اٹھاؤ اور جھوٹی قسمیں بھی نہ اٹھاؤ۔ اللہ تعالیٰ کے نام کا احترام اور مقدسات کی حرمت کا لحاظ رکھا جائے (وَ لَا تَجۡعَلُوا اللّٰہَ عُرۡضَۃً لِّاَیۡمَانِکُمۡ)۔ قسم سبب نہ بنے کہ آپ اچھے کام کو چھوڑ دیں اور اصلاح کے کام کو انجام نہ دو اور لوگوں کے درمیان صلح کرنے کو ترک کرو (وَ لَا تَجۡعَلُوا اللّٰہَ عُرۡضَۃً لِّاَیۡمَانِکُمۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 225 تا 230
لَّا يُؤَاخِذُكُمُ ٱللَّهُ بِٱللَّغۡوِ فِيٓ أَيۡمَٰنِكُمۡ وَلَٰكِن يُؤَاخِذُكُم بِمَا كَسَبَتۡ قُلُوبُكُمۡۗ وَٱللَّهُ غَفُورٌ حَلِيمٞ ٢٢٥ لِّلَّذِينَ يُؤۡلُونَ مِن نِّسَآئِهِمۡ تَرَبُّصُ أَرۡبَعَةِ أَشۡهُرٖۖ فَإِن فَآءُو فَإِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ٢٢٦ وَإِنۡ عَزَمُواْ ٱلطَّلَٰقَ فَإِنَّ ٱللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٞ ٢٢٧ وَٱلۡمُطَلَّقَٰتُ يَتَرَبَّصۡنَ بِأَنفُسِهِنَّ ثَلَٰثَةَ قُرُوٓءٖۚ وَلَا يَحِلُّ لَهُنَّ أَن يَكۡتُمۡنَ مَا خَلَقَ ٱللَّهُ فِيٓ أَرۡحَامِهِنَّ إِن كُنَّ يُؤۡمِنَّ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِۚ وَبُعُولَتُهُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّهِنَّ فِي ذَٰلِكَ إِنۡ أَرَادُوٓاْ إِصۡلَٰحٗاۚ وَلَهُنَّ مِثۡلُ ٱلَّذِي عَلَيۡهِنَّ بِٱلۡمَعۡرُوفِۚ وَلِلرِّجَالِ عَلَيۡهِنَّ دَرَجَةٞۗ وَٱللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ ٢٢٨ ٱلطَّلَٰقُ مَرَّتَانِۖ فَإِمۡسَاكُۢ بِمَعۡرُوفٍ أَوۡ تَسۡرِيحُۢ بِإِحۡسَٰنٖۗ وَلَا يَحِلُّ لَكُمۡ أَن تَأۡخُذُواْ مِمَّآ ءَاتَيۡتُمُوهُنَّ شَيۡـًٔا إِلَّآ أَن يَخَافَآ أَلَّا يُقِيمَا حُدُودَ ٱللَّهِۖ فَإِنۡ خِفۡتُمۡ أَلَّا يُقِيمَا حُدُودَ ٱللَّهِ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِمَا فِيمَا ٱفۡتَدَتۡ بِهِۦۗ تِلۡكَ حُدُودُ ٱللَّهِ فَلَا تَعۡتَدُوهَاۚ وَمَن يَتَعَدَّ حُدُودَ ٱللَّهِ فَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلظَّٰلِمُونَ ٢٢٩ فَإِن طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُۥ مِنۢ بَعۡدُ حَتَّىٰ تَنكِحَ زَوۡجًا غَيۡرَهُۥۗ فَإِن طَلَّقَهَا فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِمَآ أَن يَتَرَاجَعَآ إِن ظَنَّآ أَن يُقِيمَا حُدُودَ ٱللَّهِۗ وَتِلۡكَ حُدُودُ ٱللَّهِ يُبَيِّنُهَا لِقَوۡمٖ يَعۡلَمُونَ ٢٣٠
ترجمہ
اللہ بے ہودہ اور بغیر قصد کے اٹھائی گئی قسموں کے بارے بازپرس نہ کرے گا لیکن جس کا تمہارے دلوں نے قصد کیا تو اس بارے باز پرس کرے گا، اللہ مہربان اور بخشنے والا ہے۔(۲۲۵) جو لوگ بیوی کو اذیت دینے کے لیے قسم اٹھاتے ہیں کہ وہ اپنی بیوی سے ہمبستری نہ کریں گے، ضروری ہے کہ وہ چار مہینے انتظار کریں پھر اگر وہ اپنی قسم سے ہاتھ اٹھا لیں اور دوستی کی طرف پلٹ آئیں تو اللہ بخشنے والا اور مہربان ہے۔(۲۲۶) اگر طلاق کا فیصلہ کرلیں تو جان لیں کہ اللہ سننے والا اور دانا ہے۔(۲۲۷) جن عورتوں کی طلاق ہوئی ہے انہیں چاہیے کہ وہ تین مرتبہ اپنی ماہانہ عادت کا انتظار کریں، اگر وہ اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتیں ہیں تو اللہ نے ان کے رحموں میں جو خلق کیا ہے ان کے لیے جائز نہیں کہ وہ اسے چھپائیں، اگر شوہر دوستی کا ارادہ رکھتے ہوں تو اس عرصہ کے دوران شوہر دوسروں سے زیادہ حق رکھتے ہیں کہ انہیں واپس لے آئیں اور عورتوں پر جو فرائض ہیں اس کی مناسبت سے ان کے لیے مناسب حقوق قرار دئے گئے ہیں اور مردوں پر ان کے حوالے سے فرائض ہیں اور ان کے لیے اضافی حقوق ہیں، اللہ بڑا غالب آنے والا اور حکمت والا ہے۔(۲۲۸) طلاق (قابلِ رجوع) دو مرتبہ ہے، اس کے بعد اچھے طریقہ سے اپنی بیوی کو اپنے پاس رکھے یا بھلائی کے ساتھ اسے روانہ کردے، تم مردوں کے لیے جائز نہیں کہ جو چیز اپنی بیویوں کو دیا ہے تم اسے واپس لے لو مگر یہ کہ شوہر اور بیوی اس بات سے ڈریں کہ کہیں وہ الٰہی حدود کو قائم نہ رکھ سکیں تو کوئی حرج نہیں کہ بیوی فدیہ دے کر شوہر سے طلاق لے لے، یہ الٰہی حدود ہیں، لہذا تم ان سے آگے مت بڑھو، جو بھی الٰہی حدود کو پھلانگتا ہے تو وہ ظالم ہے۔(۲۲۹) اگر وہ (تیسری مرتبہ) پھر طلاق دے تو پھر وہ اس پر حلال نہ ہوگی مگر یہ کہ وہ دوسرے مرد سے نکاح کرے، اگر دوسرا شوہر اسے طلاق دے دے تو کوئی حرج نہیں کہ وہ پھر اس سے نکاح کر لے، اس صورت میں کہ جب یہ امید ہو کہ الٰہی حدود کو قائم کریں گے، یہ الٰہی حدود ہیں جنہیں اللہ ان کے لیے بیان کرتا ہے جو آگہی رکھتے ہیں۔(۲۳۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۲۵:

ایسی قسمیں جو بغیر سوچے یا غصہ کی حالت میں یا غلطی سے اٹھائی جائیں تو ان کی کوئی شرعی اور قانونی حیثیت نہیں ہے۔ ذمہ داری ان قسموں پر بنتی ہے جو قصد و ارادہ اور سوچ سمجھ کر اٹھائی جائے اور اللہ کا نام لے کر کہا جائے کہ میں اللہ کے نام کی قسم یاد کرتا ہوں کہ فلاں کام انجام دوں گا یا انجام نہ دوں گا۔ جس کام کی قسم اٹھائی جارہی ہو وہ ایسا کام ہو جس کا شرعی جواز موجود ہو۔ شریعت کی رو سے ایسی قسم کو پورا کرنا واجب ہے اور اس کا توڑنا حرام اور اس کی خلاف ورزی ناجائز ہے۔ اگر کوئی اس قسم کی قسم کو توڑتا ہے اور اس پر عمل نہیں کرتا تو اسے کفارہ دینا ہوگا۔ اس کی ترتیب یہ ہے کہ دس مساکین کو کھانا کھلائےیا دس مساکین کو لباس دیا جائے یا ایک غلام کو آزاد کیا جائے، اگر ان تین سے کچھ بھی کرنے کی قدرت نہ رکھتا ہو تو تین دن روزے رکھے۔’’مائدہ، ۸۹‘‘ انسان کی ذمہ داری اس کے ارادہ اور اس کے انتخاب پر ہے، اللہ تعالیٰ انسان کی ان لغزشوں کو معاف کردیتا ہے جو عام حالات میں اس سے سرزد ہوتی ہیں (لَا یُؤَاخِذُکُمُ اللّٰہُ بِاللَّغۡوِ)۔ کسی کام کا ثواب یا عذاب اس کام کو انجام دینے کی نیت اور ارادہ کی بنا پر ملتا ہے (کَسَبَتۡ قُلُوۡبُکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کے حلم اور مغفرت کے جلوؤں سے ایک یہ ہے کہ جو خطائیں غیر عمدی ہیں انہیں معاف کردیتا ہے (لَا یُؤَاخِذُکُمُ اللّٰہُ۔۔۔ غَفُوۡرٌ حَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۲۶:

’’ایلاء‘‘ کا لفظ قسم کے معنی میں ہے جو بیوی سے ہمبستری نہ کرنے بارے اٹھائی جانے والی قسم پر بولا جاتا ہے۔ زمانہ جاہلیت میں یہ کام بیوی کو تنگ کرنے اور اسے مشکل میں ڈالنے کے لیے انجام دیا جاتا تھا تاکہ نفسیاتی طور پر بیوی کو تکلیف پہنچائی جائے۔ شوہر نہ تو اپنی بیوی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتا اور نہ ہی اسے طلاق دیتا۔ اس آیت میں مردوں سے کہا گیا ہے کہ چار مہینوں تک تمہیں مہلت دی جاتی ہے کہ تم اپنی بیویوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو واضح کر لو، یا اپنی قسم سے واپس پلٹیں اور اپنی بیوی کے ساتھ مناسب انداز سے زندگی گزاریں اور اس کے حقوق ادا کریں یا پھر اسے باقاعدہ طور پر شرعی طلاق دے دیں۔ البتہ یہ چار مہینے ناجائز قسم نہیں، بلکہ یہ اس حوالے سے ہے کہ عام حالات میں بھی مرد چار مہینہ سے زیادہ اپنی بیوی سے دور نہیں رہ سکتا، چار مہینہ سے زیادہ عرصہ بیوی سے ہمبستری کو ترک کرنا جائز نہیں ہے۔ اسلام مظلوموں کا حامی ہے، عورتیں ہمیشہ مظلوم رہی ہیں اور ان کے حقوق کو نظر انداز کیا جاتا ہے اس لیے قرآن مجید نے مسلسل ان کی حمایت میں بات کی ہے (لِلَّذِیۡنَ یُؤۡلُوۡنَ مِنۡ نِّسَآئِہِمۡ)۔ انبیاء کے بنیادی اصولوں میں سے ایک خرافاتی روایات اور زمانہ جاہلیت کی رسومات کے سد باب کے لیے اقدامات کرنا ہے (لِلَّذِیۡنَ یُؤۡلُوۡنَ)۔ عورت کی روحانی اور جسمانی ضروریات پر توجہ دینا ایک قانون و ضابطہ ہے (تَرَبُّصُ اَرۡبَعَۃِ اَشۡہُرٍ)۔ طلاق دینے کی بات کرنے کی بجائے لوگوں کو متوجہ کیا جائے کہ وہ اپنی زندگی کو صلح صفائی کے ساتھ گزارنے کی کوشش کریں، شوہر اور بیوی دونوں کو معلوم رہے کہ باہمی دوستی اور مل کر زندگی گزارنے سے انہیں اللہ تعالیٰ کی مغرفت اور رحمت نصیب ہوگی (فَاِنۡ فَآءُوۡ فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ)۔

آیت ۲۲۷:

یہ مختصر سی آیت اگرچہ طلاق کے جواز کو بیان کر رہی ہے لیکن اس کے مفہوم کے ضمن میں یہ بات موجود ہے کہ اگر مرد نے طلاق کا فیصلہ کر لیا ہو تو اللہ تعالیٰ اس کے کردار کے بارے آگاہ بھی ہے اور اس کی باتوں کو سنتا بھی ہے، اللہ تعالیٰ یہ جانتا ہے کہ شوہر کو اس کی نفسانی خواہش نے اس بات پر آمادہ کیا ہے کہ وہ طلاق کے قانون سے غلط فائدہ اٹھائے یا حقیقت میں گھرانے میں ایسی کیفیت پیدا ہوچکی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ زندگی نہیں گزار سکتے۔ اسلام طلاق کو اس کی تمام تر خرابیوں اور تلخیوں کے باوجود ایک راہ حل کے طور پر قبول کرتا ہے، لیکن بیوی کو بے سہارا چھوڑنے کی اجازت نہیں دیتا(وَ اِنۡ عَزَمُوا الطَّلَاقَ)۔ نفسانی خواہشات کی بنا پر بیوی کی زندگی کو برباد کرنے کی اجازت نہیں ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۲۸:

مطلقہ عورت کے لیے عدت کی مدت معین کرنے میں خاندان کے حقوق کا تحفظ مد نظر ہے۔ کیونکہ اس عرصہ میں غور و فکر کرنے کا موقع مل جاتا ہے اور میاں بیوی کی جدائی میں جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان کا اندازہ ہوجاتا ہے اور ایک موقع میسر آتا ہے کہ دوبارہ دونوں اکٹھے ہوجائیں اور پہلے کی طرح دوستانہ زندگی گزاریں۔ کیونکہ جب ایک دوسرے سے دور ہوجائیں تو ان کے جذبات ٹھنڈے پڑجاتے ہیں، یہ بھی پتہ چل جاتا ہے کہ بیوی حاملہ ہے یا نہیں تاکہ اگر وہ کسی دوسرے مرد سے شادی کا فیصلہ کرتی ہے تو سابقہ شوہر کی نسل دوسرے شوہر کی نسل سے خلط نہ ہو۔ عدت کے دوران مرد کا بیوی کی طرف رجوع کرنے کے لیے خاص قسم کے انتظامات اور تقریبات کی ضرورت نہیں جبکہ طلاق کے لیے بہت ساری شرائط ہیں جن کا لحاظ کرنا ہوتا ہے۔ عورت طلاق ملتے ہیں دوسری شادی نہیں کرسکتی (وَ الۡمُطَلَّقٰتُ یَتَرَبَّصۡنَ)۔ طلاق کی صورت میں اولاد اپنے حقوق سے محروم نہ ہو (مَا خَلَقَ اللّٰہُ فِیۡۤ اَرۡحَامِہِنَّ)۔ پہلے شوہر کے ساتھ زندگی جاری رکھنے کو ترجیح دینا ہو گی (وَ بُعُوۡلَتُہُنَّ اَحَقُّ بِرَدِّہِنَّ)۔ نیک نیتی ایک قانون اور اصل ہے، ایسا نہ ہو کہ شوہر جنسی مسائل کے لیے رجوع کرے پھر لاتعلق ہوجائے (اِنۡ اَرَادُوۡۤا اِصۡلَاحًا)۔ ذمہ داری ادا کرنے پر انسان کچھ حقوق کا حقدار ہوتا ہے، جو شخص بھی کوئی ذمہ داری ادا کرتا ہے تو اس وجہ سے اس کے کچھ حقوق بھی ہوتے ہیں جیسے اولاد کے حوالے سے والدین کی کچھ ذمہ داریاں ہیں تو ان ذمہ داریوں کو نبھانے پر اولاد کے ذمہ ان کے کچھ حقوق ہیں (وَ لَہُنَّ مِثۡلُ الَّذِیۡ عَلَیۡہِنَّ)۔ خواتین کے ساتھ برتاؤ میں انصاف کا خیال رکھا جائے(وَ لَہُنَّ مِثۡلُ الَّذِیۡ عَلَیۡہِنَّ)۔ مردوں کو یہ حق نہیں کہ وہ اپنی طاقت اور قدرت سے غلط فائدہ اٹھائیں کیونکہ اصل طاقت اور قدرت اللہ تعالیٰ کے لیے ہے (عَزِیۡزٌ حَکِیۡمٌ)۔

آیت ۲۲۹:

زمانہ جاہلیت میں طلاق دینا اور پھر عورت کی طرف رجوع کرلینا ایک عام معاملہ تھا۔ اس میں کوئی محدودیت نہیں تھی۔ اسلام نے حد اکثر دو مرتبہ طلاق دینے کے بعد رجوع کرنے کو جائز قرار دیا۔تیسری دفعہ طلاق کے بعد رجوع نہیں کیا جاسکتا تاکہ عورت اور اس کے خاندان کا احترام محفوظ رہے۔ اسلامی نقطہ نظر سے طلاق ناپسندیدہ عمل ہے۔ اس کو بدترین حلال کا نام دیا گیا ہے۔ کیونکہ بعض دفعہ میاں بیوی کے باہمی تعلقات اس قدر خراب ہوجاتے ہیں کہ ان دونوں کا ایک دوسرے کے ساتھ مل کر زندگی گزارنا ناممکن ہوجاتا ہے۔ اس آیت میں طلاق رجعی جو کی مرد کی جانب سے ہے کے علاوہ طلاق خلع کو بھی بیان کیا ہے جو عورت کی طرف سے مانگی جاتی ہے۔ اس معنی میں کہ عورت شوہر سے طلاق لینے کے لیے اپنا حق مہر یا کچھ اور چیز اسے پیش کرتی ہے اور شوہر اس کے عوض اسے طلاق دیتا ہے۔ دوسروں سے رابطہ اور تعلق توڑنے میں آخری فیصلہ نہ کرلیا جائے بلکہ سوچنے اور واپسی کا میدان کھلا رکھا جائے (اَلطَّلَاقُ مَرَّتٰانِ)۔ بیوی کو اذیت پہنچانا جائز نہیں کہ شوہر اپنی بیوی کو صدمہ پہنچانے کے لیے رجوع کرکے اسے اپنے حال پر چھوڑ دے (فَاِمۡسَاکٌۢ بِمَعۡرُوۡفٍ)۔ ازدواجی زندگی میں ذاتی سلیقوں اور غیر متعارف رویوں سے دوری اختیار کی جائے، روایتی اور رائج ماحول قائم رکھا جائے (فَاِمۡسَاکٌۢ بِمَعۡرُوۡفٍ)۔ طلاق،بغض وکینہ، دشمنی اور انتقام کا سبب نہ بنے بلکہ طلاق دینے کی صورت میں احسان اور بھلائی کرنے کا حکم ہے (اَوۡ تَسۡرِیۡحٌۢ بِاِحۡسَانٍ)۔ اسلام میں حقوق اور احکام، اخلاق اور احساسات و جذبات سے جدا نہیں، احسان اور معروف کی تعبیرات اسی موضوع کو بیان کرتی ہیں (فَاِمۡسَاکٌۢ بِمَعۡرُوۡفٍ اَوۡ تَسۡرِیۡحٌۢ بِاِحۡسَانٍ)۔ حقوق کا لحاظ رکھنا ضروری ہے، مرد کو حق نہیں کہ مہر جو بیوی کا حتمی حق ہے اس سے کچھ واپس لے لے (وَ لَا یَحِلُّ لَکُمۡ اَنۡ تَاۡخُذُوۡا مِمَّاۤ اٰتَیۡتُمُوۡہُنَّ شَیۡئًا)۔ شوہر اور بیوی کی خواہشات الٰہی حدود کے اندر ہوں (اِلَّاۤ اَنۡ یَّخَافَاۤ اَلَّا یُقِیۡمَا حُدُوۡدَ اللّٰہِ)۔ فیصلوں میں مرکزیت الٰہی حدود کا نفاذ اور فرائض کی ادائیگی ہو، اگر الٰہی حدود کا لحاظ رکھا جائے تو ازدواجی زندگی کا سلسلہ باقی رہے گا اگر ایسا نہ ہو تو پھر طلاق کا راستہ ہے (فَاِنۡ خِفۡتُمۡ اَلَّا یُقِیۡمَا حُدُوۡدَ اللّٰہِ)۔

آیت ۲۳۰:

بعض اسلامی قوانین میں جلد بازی میں فیصلے کرنے سے روکا گیا ہے۔ لہذا جو شخص اپنی بیوی کو طلاق دینا چاہتا ہے تو ضروری ہے کہ عورت پاکیزگی کے ایام میں ہو، طلاق دیتے وقت دو عادل گواہ موجود ہوں، ایک عرصہ تک شوہر بیوی کے اخراجات ادا کرے، ان شرائط میں سے ہر شرط طلاق کے امر میں جلد بازی سے روک سکتی ہے۔ مرد اپنے اختیارات سے غلط فائدہ نہ اٹھائے، امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: طلاق کو ہلکا نہ لیں اور عورتوں کو نقصان نہ پہنچائیں(فَلَا تَحِلُّ لَہٗ)۔ حدود الٰہی کا تعلق فقط نماز، روزہ، حج، زکات اور جہاد سے نہیں بلکہ خاندانی مسائل کے لیے بھی الٰہی حدود ہیں (تِلۡکَ حُدُوۡدُ اللّٰہِ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 231 تا 233
وَإِذَا طَلَّقۡتُمُ ٱلنِّسَآءَ فَبَلَغۡنَ أَجَلَهُنَّ فَأَمۡسِكُوهُنَّ بِمَعۡرُوفٍ أَوۡ سَرِّحُوهُنَّ بِمَعۡرُوفٖۚ وَلَا تُمۡسِكُوهُنَّ ضِرَارٗا لِّتَعۡتَدُواْۚ وَمَن يَفۡعَلۡ ذَٰلِكَ فَقَدۡ ظَلَمَ نَفۡسَهُۥۚ وَلَا تَتَّخِذُوٓاْ ءَايَٰتِ ٱللَّهِ هُزُوٗاۚ وَٱذۡكُرُواْ نِعۡمَتَ ٱللَّهِ عَلَيۡكُمۡ وَمَآ أَنزَلَ عَلَيۡكُم مِّنَ ٱلۡكِتَٰبِ وَٱلۡحِكۡمَةِ يَعِظُكُم بِهِۦۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ بِكُلِّ شَيۡءٍ عَلِيمٞ ٢٣١ وَإِذَا طَلَّقۡتُمُ ٱلنِّسَآءَ فَبَلَغۡنَ أَجَلَهُنَّ فَلَا تَعۡضُلُوهُنَّ أَن يَنكِحۡنَ أَزۡوَٰجَهُنَّ إِذَا تَرَٰضَوۡاْ بَيۡنَهُم بِٱلۡمَعۡرُوفِۗ ذَٰلِكَ يُوعَظُ بِهِۦ مَن كَانَ مِنكُمۡ يُؤۡمِنُ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِۗ ذَٰلِكُمۡ أَزۡكَىٰ لَكُمۡ وَأَطۡهَرُۚ وَٱللَّهُ يَعۡلَمُ وَأَنتُمۡ لَا تَعۡلَمُونَ ٢٣٢ ۞ وَٱلۡوَٰلِدَٰتُ يُرۡضِعۡنَ أَوۡلَٰدَهُنَّ حَوۡلَيۡنِ كَامِلَيۡنِۖ لِمَنۡ أَرَادَ أَن يُتِمَّ ٱلرَّضَاعَةَۚ وَعَلَى ٱلۡمَوۡلُودِ لَهُۥ رِزۡقُهُنَّ وَكِسۡوَتُهُنَّ بِٱلۡمَعۡرُوفِۚ لَا تُكَلَّفُ نَفۡسٌ إِلَّا وُسۡعَهَاۚ لَا تُضَآرَّ وَٰلِدَةُۢ بِوَلَدِهَا وَلَا مَوۡلُودٞ لَّهُۥ بِوَلَدِهِۦۚ وَعَلَى ٱلۡوَارِثِ مِثۡلُ ذَٰلِكَۗ فَإِنۡ أَرَادَا فِصَالًا عَن تَرَاضٖ مِّنۡهُمَا وَتَشَاوُرٖ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِمَاۗ وَإِنۡ أَرَدتُّمۡ أَن تَسۡتَرۡضِعُوٓاْ أَوۡلَٰدَكُمۡ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ إِذَا سَلَّمۡتُم مَّآ ءَاتَيۡتُم بِٱلۡمَعۡرُوفِۗ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ بِمَا تَعۡمَلُونَ بَصِيرٞ ٢٣٣
ترجمہ
جس وقت تم نے بیویوں کو طلاق دے دی اور انہوں نے عدت کی مدت کو پورا کرلیا تو یا تو انہیں مناسب طریقہ سے اپنے پاس رکھو اور صلح کرلو یا انہیں پسندیدہ طریقہ سے روانہ کردو، ان کو اذیت پہنچانے کے لیے انہیں روک کر نہ رکھو کہ اس طرح تم ان کے حقوق میں زیادتی کرو، جو بھی اس طرح کرے تو اس نے خود اپنے اوپر ظلم کیا ہے، خبردار کہ تم اللہ کی آیات کو مسخرہ قرار دو اور اللہ نے تمہیں جو نعمت دی ہے اور تم پر آسمانی کتاب کو اتاری ہے اور تمہارے اوپر حکمت کو اتاری ہے، اللہ ان کے وسیلہ سے وعظ و نصیحت دیتا ہے، تم اللہ کا تقویٰ اپناؤ اور یہ جان لو کہ اللہ ہر چیز سے آگاہ ہے۔(۲۳۱) جب تم نے بیویوں کو طلاق دے دی اور انہوں نے عدت کی مدت کو پورا کرلیا تو ان کے لیے مانع نہ بنو کہ وہ اپنے سابق شوہروں سے نکاح کریں البتہ اگر ان کے درمیان پسندیدہ سے معاملات طے کرلیں، تم میں سے صرف وہ افراد جو اللہ اور قیامت پر ایمان رکھتے ہیں اس سے نصیحت لیتے ہیں، یہ امر تمہاری پاکیزگی کے لیے بہتر ہے، اللہ جانتا ہے اور تم جانتے نہیں ہو۔(۲۳۲) جو مائیں چاہتی ہیں کہ بچے کی دودھ پلائی کو پورا کریں تو وہ پورے دو سال بچے کو دودھ پلائیں، ان ماؤں کی خوراک اور لباس ان کےباپ (جو صاحب اولاد ہے) پر ہے کہ وہ اچھے انداز میں دے دے، البتہ کسی پر اس کی مالی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالا جاتا، کوئی بھی ماں اپنے بیٹے کی خاطر، نیز کوئی باپ اپنے بیٹے کی خاطر نقصان نہ اٹھائے۔ ماں کا خرچہ وارث کے ذمہ ہے اور ماں باپ اتفاق کریں اور باہمی مشاورت سے بچے کو دو سال سے پہلے دودھ چھڑائی کردیں تو ان پر گناہ نہیں اور اگر اپنی اولاد کے لیے دایہ لیں تو بھی تمہارے اوپر کوئی گناہ نہیں، شرط یہ ہے کہ تم نے جو مقدار طے کردیا ہے اسے ادا کرو، اللہ کے فرمان کی مخالفت سے بچو اور یہ جان لو کہ جو تم انجام دیتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۳۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۳۱:

جس جگہ پر ظلم اور انحراف کا خطرہ زیادہ ہو اس بارے زیادہ خبردار کیا جاتا ہے اور خطرات سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ باوجود اس کے کہ سابقہ دو آیات میں فرمایا:( فَاِمۡسَاکٌۢ بِمَعۡرُوۡفٍ اَوۡ تَسۡرِیۡحٌۢ بِاِحۡسَانٍ) اس آیت میں دوبارہ فرمایا ہے (فَاَمۡسِکُوۡہُنَّ بِمَعۡرُوۡفٍ اَوۡ سَرِّحُوۡہُنَّ بِمَعۡرُوۡفٍ)کیونکہ عورت اور مرد کی ایک دوسرے سے جدائی کے وقت ان کے جذبات غیر معمولی ہوتے ہیں، انتقام اور دوسرے کو تکلیف دینے کابہت زیادہ احتمال اور جبر و تشدد کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ نظام خلقت میں عورت اور مرد جسم واحد کا حصہ ہیں۔جسم کے ایک حصہ پر ظلم تمام اعضاء پر ظلم کرنے کے مترادف ہے۔جو شخص عورت پر ظلم کرتا ہے تو اسے الٰہی عذاب کا سامنا کرنا ہوگا، اس لیے گویا اس نے اپنے آپ پر ظلم کیا ہے۔ شادی اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ایک بڑی نشانی ہے۔ جیسا کہ سورہ روم کی آیت ۲۱ میں آیا ہے (وَ مِنۡ اٰیٰتِہٖۤ اَنۡ خَلَقَ لَکُمۡ مِّنۡ اَنۡفُسِکُمۡ اَزۡوَاجًا لِّتَسۡکُنُوۡۤا اِلَیۡہَا وَ جَعَلَ بَیۡنَکُمۡ مَّوَدَّۃً وَّ رَحۡمَۃً) یہ اس لیے الٰہی نشانی ہے کہ اللہ نے خود تمہارے وجود سے تمہارے لیے زوجہ خلق کیا ہے تاکہ تمہارے سکون کا وسیلہ بنے اور تمہارے اور ان کے درمیان مودّت اور رحمت برقرار ہو۔ اسلام چاہتا ہے کہ میاں بیوی کی ازدواجی زندگی پیار و محبت کے ہمراہ اور دوستانہ ہو، بیوی کو اذیت دینے کے لیے اپنے پاس رکھنا حرام ہے (وَ لَا تُمۡسِکُوۡہُنَّ ضِرَارًا لِّتَعۡتَدُوۡا)۔ جو لوگ اپنی بیوی سے بدسلوکی کرتے ہیں وہ ظلم و زیادتی کرتے ہیں (لِتَعۡتَدُوۡا)۔ بیوی پر ظلم کرنا اپنے اوپر ظلم ہے (فَقَدۡ ظَلَمَ نَفۡسَہٗ)۔ بیوی کو بلا وجہ طلاق دینا یا اپنے پاس رکھ کر اسے اذیت دینے کا ارادہ رکھنا اسلامی مقدس قانون نکاح کا مذاق اڑانا ہے (وَ لَا تَتَّخِذُوۡۤا اٰیٰتِ اللّٰہِ ہُزُوًا)۔ بغض اور کینے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو یاد کرو، تلخیوں اور کمزوریوں پر نظر رکھنے کی جگہ الٰہی نعمات پر نظر رکھو، خاندانی مشکلات کو اللہ تعالیٰ کی بے حساب نعمتوں کے مقابلے میں معمولی جانو (وَ اذۡکُرُوۡا نِعۡمَتَ اللّٰہِ عَلَیۡکُمۡ)۔ ازدواجی تعلقات کی بہتری کے لیے اس حوالے سے آسمانی کتاب میں دئے گئے احکام اور دستورات پر توجہ دی جائے اور تقویٰ اپنایا جائے (وَ اذۡکُرُوۡا ۔۔۔ وَ مَاۤ اَنۡزَلَ عَلَیۡکُمۡ مِّنَ الۡکِتٰبِ وَ الۡحِکۡمَۃِ یَعِظُکُمۡ بِہٖ)۔ جو شخص خود کو اللہ تعالیٰ کے سامنے حاضرسمجھتا ہے وہ گناہ سے بچتا ہے (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ وَ اعۡلَمُوۡۤا اَنَّ اللّٰہَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ)۔ اگر بیوی کو طلاق دینے کا مقصد اس پر ظلم کرنا اور طلاق کے شرعی حکم سے غلط فائدہ اٹھانا ہے تو شوہر جان لے کہ اللہ تعالیٰ اس کی نیت سے آگاہ ہے(اَنَّ اللّٰہَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۳۲:

اگر طلاقہ یافتہ عورتیں اپنے سابقہ شوہروں کے ساتھ رہنے پر راضی ہوجائیں اور دوبارہ ان سے شادی کریں تو اس کے انفرادی اور معاشرہ کی بہتری کے لیے بہت زیادہ مثبت اثرات مرتب ہوں گے(ذٰلِکُمۡ اَزۡکٰی لَکُمۡ وَ اَطۡہَرُ) کیونکہ اس قسم کی شادی میں ان کے پوشیدہ راز آشکار نہیں ہوں گے اور اولاد اپنے والدین کے زیر سایہ پرورش پائے گی نیز یہ کہ شوہر اور بیوی طلاق کے تلخ ذائقہ کو چکھ چکے ہیں اس لیے وہ ایک دوسرے سے دوبارہ جدا ہونے کے بارے سوچنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ شوہر کے انتخاب میں طلاق یافتہ عورت کی رائے محترم ہے۔ دوسری شادی کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں (فَلَا تَعۡضُلُوۡہُنَّ)۔ ایک دفعہ طلاق دے کر ہمیشہ کے لیے بدگمان نہ ہوجاؤ کیونکہ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ طلاق دینے کے بعد شوہر اور بیوی پشیمان ہوجاتے ہیں اور نئے سرے سے ایک ساتھ زندگی گزارنے کے لیے آمادہ ہوجاتے ہیں اور دوبارہ اکٹھے ہو کر بہتر انداز میں زندگی گزارتے ہیں (یَنۡکِحۡنَ اَزۡوَاجَہُنَّ)۔ شادی کی بنیادی شرط فریقین کی رضایت ہے (تَرَاضَوۡا بَیۡنَہُمۡ)۔ شادی کے لیے راضی ہوناعاقلانہ اور منصفانہ بنیاد پر ہو (تَرَاضَوۡا بَیۡنَہُمۡ بِالۡمَعۡرُوۡفِ)۔ جو لوگ دوسروں کی جائز شادی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں یا اس کی راہ میں مشکلات پیدا کرتے ہیں تو وہ اللہ اور قیامت کے بارے اپنے ایمان میں شک کریں (فَلَا تَعۡضُلُوۡہُنَّ۔۔۔ ذٰلِکَ یُوۡعَظُ بِہٖ مَنۡ کَانَ مِنۡکُمۡ یُؤۡمِنُ بِاللّٰہِ وَ الۡیَوۡمِ الۡاٰخِرِ)۔ فطری اور جائز میلانات کے سامنے رکاوٹ نہ کھڑی کرو کیونکہ ایسا ہوسکتا ہے کہ عورت اور مرد کے درمیان طلاق نے جو جدائی ڈالی ہے اس کے باوجود ان کے ذہنوں میں ماضی کی خوشگوار یادیں موجود ہوں اور بعض اوقات وہ ان شیرین لمحات کو یاد کر بیٹھیں، اگر وہ جائز طریقہ سے اس تک نہ پہنچ پائیں تو انحراف کا خطرہ موجود ہے (یَنۡکِحۡنَ اَزۡوَاجَہُنَّ ۔۔۔ذٰلِکُمۡ اَزۡکٰی لَکُمۡ وَ اَطۡہَرُ )۔ معاشرہ کی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ طلاق یافتہ عورتیں بغیر شوہر کے زندگی نہ گزاریں (یَنۡکِحۡنَ ۔۔۔ذٰلِکُمۡ اَزۡکٰی لَکُمۡ وَ اَطۡہَرُ )۔ سابقہ شوہر سے دوبارہ شادی کرنے کی برکات اور عورت کو طلاق دینے اور طلاق کے بعد اس کا بغیر شوہر کے رہنے کی خرابیاں ہمارے درک سے باہر ہیں(وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ وَ اَنۡتُمۡ لَا تَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۲۳۳:

ماں باپ اور اولاد بارے اس آیت میں (اب)، (ام) کی تعبیر نہیں لائی گئی ہے بلکہ والد اور والدہ کے الفاظ آئے ہیں۔ کیونکہ (اب) اور (ام) کے الفاظ چچا، معلم، بیوی کے باپ اور ماں پر بھی بولے جاتے ہیں، نیز نانی پر بھی (ام) بولا جاتا ہے۔ جس طرح پیغمبراکرمﷺ کی بیویوں کو مومنوں کی مائیں کہا گیا ہے؛ وہ ’’والدات‘‘ نہیں ہیں۔ سابقہ آیات طلاق او شوہر اور بیوی کی جدائی بارے تھیں اس لیے ضروری تھا کہ بچوں اور نومولود کے بارے ان کی ذمہ داریاں واضح کی جائیں تاکہ وہ ماں باپ کے اختلافات کی لپیٹ میں نہ آجائیں۔ اس آیت میں ماں کے احساسات اور جذبات، ماں کے دودھ کے فوائد اور فطری طور پر بچے کے لیے درکار ماں کے دودھ کی مدت کو بیان کیا گیا ہے۔ اسلام ایک جامع دین ہے۔ اس حد تک کہ اس میں نومولود کی غذا کے بارے میں بھی حکم دیا گیا ہے نیز ماں کے دودھ بارے پروگرام دیا گیا ہے (وَ الۡوَالِدٰتُ یُرۡضِعۡنَ)۔ جس بچے کی ماں کو اس کے باپ نے طلاق دی ہے وہ اسے دودھ پلانے کے لیے دوسری عورتوں پر مقدم ہے (وَ الۡوَالِدٰتُ یُرۡضِعۡنَ)۔ دودھ پلانے کی مدت پورے دو سال ہے (حَوۡلَیۡنِ کَامِلَیۡنِ)۔ دودھ پلانے کے حوالے سے ماں اور دایہ کے مالی حقوق ادا کئے جائیں (وَ عَلَی الۡمَوۡلُوۡدِ لَہٗ رِزۡقُہُنَّ وَ کِسۡوَتُہُنَّ ۔۔۔اِذَا سَلَّمۡتُمۡ مَّاۤ اٰتَیۡتُمۡ)۔ ماں اور دایہ کے اخراجات کی رقم معاشرہ میں رائج عرف اور بچے کے باپ کی استطاعت کے مطابق ہونی چاہیے(بِالۡمَعۡرُوۡفِ ؕ لَا تُکَلَّفُ نَفۡسٌ اِلَّا وُسۡعَہَا)۔ مالی واجبات انسان کی استطاعت کے مطابق ہیں(لَا تُکَلَّفُ نَفۡسٌ اِلَّا وُسۡعَہَا)۔ بچہ والدین کو نقصان پہنچانے کا سبب نہ بنے ( لَا تُضَآرَّ وَالِدَۃٌۢ بِوَلَدِہَا)۔ دودھ پلائی کے دوران ماں کے اخراجات زندگی پورے کئے جائیں اگرچہ بچے کا باپ مر ہی کیوں نہ چکا ہو (وَ عَلَی الۡوَارِثِ مِثۡلُ ذٰلِکَ)۔ بچے کی دودھ چھڑائی والدین کے باہمی مشورہ سے ہو (فَاِنۡ اَرَادَا فِصَالًا عَنۡ تَرَاضٍ مِّنۡہُمَا وَ تَشَاوُرٍ)۔ ماں باپ نومولود بارے آپس میں مشورہ کریں (تَشَاوُرٍ)۔ دودھ دینے کے لیے ماں مقدم ہے۔ اگر ماں قبول نہ کرے تو پھر دایہ دودھ پلائے (وَ الۡوَالِدٰتُ یُرۡضِعۡنَ ۔۔۔اِنۡ اَرَدۡتُّمۡ اَنۡ تَسۡتَرۡضِعُوۡۤا اَوۡلَادَکُمۡ)۔ بچوں کو کھلانے پلانے میں تقویٰ کا لحاظ رکھنا والدین کی ذمہ داری ہے (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 234 تا 237
وَٱلَّذِينَ يُتَوَفَّوۡنَ مِنكُمۡ وَيَذَرُونَ أَزۡوَٰجٗا يَتَرَبَّصۡنَ بِأَنفُسِهِنَّ أَرۡبَعَةَ أَشۡهُرٖ وَعَشۡرٗاۖ فَإِذَا بَلَغۡنَ أَجَلَهُننَّ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ فِيمَا فَعَلۡنَ فِيٓ أَنفُسِهِنَّ بِٱلۡمَعۡرُوفِۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ خَبِيرٞ ٢٣٤ وَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ فِيمَا عَرَّضۡتُم بِهِۦ مِنۡ خِطۡبَةِ ٱلنِّسَآءِ أَوۡ أَكۡنَنتُمۡ فِيٓ أَنفُسِكُمۡۚ عَلِمَ ٱللَّهُ أَنَّكُمۡ سَتَذۡكُرُونَهُنَّ وَلَٰكِن لَّا تُوَاعِدُوهُنَّ سِرًّا إِلَّآ أَن تَقُولُوواْ قَوۡلٗا مَّعۡرُوفٗاۚ وَلَا تَعۡزِمُواْ عُقۡدَةَ ٱلنِّكَاحِ حَتَّىٰ يَبۡلُغَ ٱلۡكِتَٰبُ أَجَلَهُۥۚ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ يَعۡلَمُ مَا فِيٓ أَنفُسِكُمۡ فَٱحۡذَرُوهُۚ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ غَفُورٌ حَلِيمٞ ٢٣٥ لَّا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ إِن طَلَّقۡتُمُ ٱلنِّسَآءَ مَا لَمۡ تَمَسُّوهُنَّ أَوۡ تَفۡرِضُواْ لَهُنَّ فَرِيضَةٗۚ وَمَتِّعُوهُنَّ عَلَى ٱلۡمُوسِعِ قَدَرُهُۥ وَعَلَى ٱلۡمُقۡتِرِ قَدَرُهُۥ مَتَٰعَۢا بِٱلۡمَعۡرُوفِۖ حَقًّا عَلَى ٱلۡمُحۡسِنِينَ ٢٣٦ وَإِن طَلَّقۡتُمُوهُنَّ مِن قَبۡلِ أَن تَمَسُّوهُنَّ وَقَدۡ فَرَضۡتُمۡ لَهُنَّ فَرِيضَةٗ فَنِصۡفُ مَا فَرَضۡتُمۡ إِلَّاآ أَن يَعۡفُونَ أَوۡ يَعۡفُوَاْ ٱلَّذِي بِيَدِهِۦ عُقۡدَةُ ٱلنِّكَاحِۚ وَأَن تَعۡفُوٓاْ أَقۡرَبُ لِلتَّقۡوَىٰۚ وَلَا تَنسَوُاْ ٱلۡفَضۡلَ بَيۡنَكُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ بِمَاا تَعۡمَلُونَ بَصِيرٌ ٢٣٧
ترجمہ
اور جو تم سے وفات پاجاتے ہیں اور اپنے پیچھے بیویاں چھوڑتے ہیں تو وہ عورتیں چاہ مہینے انتظار کریں، جب ان کی عدت کی مدت پوری ہوجائے تو پھر تم پر گناہ نہیں ہے کہ جو تمہارے لیے بہتر ہے وہ اپنے بارے انجام دیں (اپنی پسند سے شادی کریں) اور جو تم عمل کرتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۳۴) تمہارے اوپر کوئی حرج نہیں کہ جو عورتیں عدت میں ہیں ان سے اشارے کنایے سے نکاح کی بات کرو یا اپنی خواہش کو دل میں چھپا کر رکھو، اللہ جانتا ہے کہ تم ان سے ذکر کرو گے، لیکن ان سے خفیہ انداز میں قول و قرار مت کرو مگر یہ کہ اشارہ سے پسندیدہ بات کہو، لیکن نکاح مت کرو یہاں تک کہ طے شدہ مدت پوری ہوجائے، یہ بات جانو کہ جو کچھ تمہارے دل میں ہے اللہ اس سے آگاہ ہے، پس اللہ کی مخالفت کرنے سے ڈرو، یہ جان لو کہ اللہ بخشنے والا اور مہربان ہے۔(۲۳۵) اس میں کوئی حرج نہیں کہ تم عورتوں کو ہاتھ لگانے(ہمبستری کرنے) اور مہر معین کرنے سے پہلے طلاق دو، اس صورت میں انہیں مناسب ہدیہ دے کر رخصت کرو، مالدار اپنی وسعت کے مطابق اور تنگدست اپنی وسعت کے مطابق ہدیہ دے، یہ کام نیکو کاروں کی شان کے لائق ہے۔(۲۳۶) اور اگر تم عورتوں کو ہاتھ لگانے سے قبل اور ان کے لیے مہر معین کرنے کے بعد طلاق دو تو آدھا مہر جو طے کررکھا ہے وہ انہیں دے دو مگر یہ کہ وہ اسے شوہر کے لیے معاف کردے یا ان کا ولی(جس کے ہاتھ میں اس کےنکاح کا اختیار ہے) اسے معاف کردے اور یہ کہ تم مہربانی کرتے ہوئے اسے پورا مہریہ دے دو تو یہ بات تقویٰ کے زیادہ قریب ہے، مہربانی کرنے اور احسان سے پیش آنے کی روش کو مت بھولو کہ جو تم انجام دیتے ہو خدا اس سے آگاہ ہے۔(۲۳۷)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۳۴:

جن عورتوں کے شوہر فوت ہوجاتے ہیں ان کے بارے مختلف اقوام اور ملتوں کے عقائد اور رسوم بارے تفسیر المیزان میں ایک رپورٹ بیان ہوئی ہے۔ کچھ اقوام کا یہ عقیدہ ہے کہ جب شوہر مرجائے تو اس کے ساتھ اس کی بیوی کو بھی جلا دیا جائے۔ کچھ کا عقیدہ ہے کہ وہ ہمیشہ کے لیے بغیر شوہر کے زندگی گزاریں، کچھ ایک سال یا نو ماہ سے پہلے شادی جائز نہیں سمجھتے، کچھ کے نزدیک شوہر نے اگر وصیت کی ہوتو اس پر عمل کرے اور جتنے عرصہ کے لیے وصیت کی ہے اس عرصہ تک شادی نہ کرے، کچھ شوہر کے مرتے ہیں فوراً شادی کو جائز سمجھتے ہیں۔ ان انحرافی عقائد میں افراط و تفریط نمایاں ہے۔ اسلام نے ایک مخصوص مدت تک انتظار کا کہا ہے اور وہ چار مہینے دس دن ہے، اس کے بعد عورت کسی مرد سے شادی کرسکتی ہے۔ چار مہینے دس دن کے عرصہ میں واضح ہوجائے گا کہ بیوی حاملہ ہے یا نہیں۔ یہ مدت ان کے لیے ہے جن کا حاملہ ہونا واضح نہیں ہے لیکن جن کا حاملہ ہونا واضح ہو تو ان کی عدت کی مدت وضع حمل ہے کہ وہ بچہ پیدا ہونے تک انتظار کریں گی۔ قرآن مجید میں نکاح کے ہمراہ زیادہ تر ’’معروف‘‘ کا لفظ استعمال ہوا ہے، یہ اس بات کو بتا رہا ہے کہ ہر طرح کا فیصلہ عاقلانہ ہو۔ موت نابودی اور خاتمہ نہیں بلکہ روح کو جسم سے واپس لے لینا ہے (توفّی) کا معنی پورا پورا واپس لے لینا ہے (یُتَوَفَّوۡنَ مِنۡکُمۡ)۔ بیوی کو حق نہیں کہ وہ شوہر کی وفات کے فوراً بعد نکاح کرلے (یَتَرَبَّصۡنَ بِاَنۡفُسِہِنَّ)۔ شوہر کے مرنے کے بعد اس کی بیوی کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار اس کے رشتہ داروں کو نہیں (فَلَا جُنَاحَ عَلَیۡکُمۡ فِیۡمَا فَعَلۡنَ)۔ اس پر ایمان کہ تمام تر فیصلے اور کام اللہ تعالیٰ کے علم میں ہیں تقویٰ اختیار کرنے کا بہترین وسیلہ ہے (وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ خَبِیۡرٌ)۔

آیت ۲۳۵:

(عَرَّضۡتُمۡ)اشارہ اور کنایہ سے بات کرنے کو کہتے ہیں اور (خِطۡبَۃ)رشتہ مانگنے کے معنی میں ہے۔ اس آیت میں بیان ہوا ہے کہ عدت کے ایام میں نکاح اور شادی کے لیے میلان ظاہر کرنے میں کوئی حرج نہیں، شرط یہ ہے کہ اسے کھل کر بیان نہ کیا جائے بلکہ اشارہ کنایہ سے ہو۔ اسلام فطری دین ہے۔ انسان فطرتاً نکاح کی خواہش رکھتا ہے اس لیے اسلام نے اجازت دی ہے کہ عدت کےدوران بھی اس خواہش کا اظہار کیا جاسکتا ہے۔ البتہ اس خواہش کا اظہار اشارہ کنایہ سے ہو تاکہ رشتہ داروں کے جذبات اور احساسات مجروح نہ ہوں (وَ لَا جُنَاحَ عَلَیۡکُمۡ فِیۡمَا عَرَّضۡتُمۡ)۔ انسانی میلانات، جذبات، احساسات اور فطری تقاضوں پر توجہ دی جائے۔ فطری تقاضوں اور جذبات کو نہ دبایا جائے۔جوانوں کی رہنمائی کی جائے، انہیں خبردار رکھیں کہ ان خواہشات کو پورا کرنے کے لیے غلط اقدام نہ اٹھائیں (عَلِمَ اللّٰہُ اَنَّکُمۡ سَتَذۡکُرُوۡنَہُنَّ وَ لٰکِنۡ لَّا تُوَاعِدُوۡہُنَّ سِرًّا)۔ تجاویز دینے کے لیے وقت اور حالات کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، جو عورت غمگین ہے، اسے اپنے پیاروں سے جدائی کا غم ہوتا ہے لہذا عدت کے ایام میں صراحت کے ساتھ اس کا رشتہ مانگنا بے ادبی اور نامناسب عمل اور ایک طرح کی گستاخی ہے (عَرَّضۡتُمۡ ۔۔۔تَقُوۡلُوۡا قَوۡلًا مَّعۡرُوۡفًا)۔ جسے یقین ہو کہ اللہ تعالیٰ باطن سے آگاہ ہے تو وہ تقویٰ اپناتا ہے (یَعۡلَمُ مَا فِیۡۤ اَنۡفُسِکُمۡ فَاحۡذَرُوۡہُ)۔ ہر حال میں خاص کر ازدواجی مسائل میں تقویٰ کو مد نظر رکھا جائے (فَاحۡذَرُوۡہُ)۔ اللہ تعالیٰ اپنے حلم کے تحت لوگوں کی بے صبری اور کم صبری کی کیفیت کی تلافی فرما دیتا ہے۔ کچھ افراد کو بہت جلدی ہوتی ہے اور وہ عدت کے ایام میں رشتہ مانگنے کے لیے بیوہ عورت کے پاس پہنچ جاتے ہیں جو غمزدہ اور سوگ کی حالت میں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے حلم کی بنا پر اس سے روکا نہیں (اَنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ حَلِیۡمٌ)۔ خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ واپسی کی گنجائش بھی رکھیں (فَاحۡذَرُوۡہُ۔۔۔ غَفُوۡرٌ حَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۳۶:

بعض کا خیال تھا کہ بیوی سے ہمبستری کرنے سے پہلے اور مہر معین کرنے سے پہلے اسے طلاق دینا صحیح نہیں۔ اس آیت میں اس سوچ کی درستگی کی گئی ہے اور ہدیہ دینے کے مورد کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ طلاق دینے تک کا عمل خیرخواہی اور اچھائی کے جذبہ سے ہو، انتقام لینے یا اذیت دینے کے لیے نہ ہو (اِنۡ طَلَّقۡتُمُ ۔۔۔مَتِّعُوۡہُنَّ ۔۔۔ بِالۡمَعۡرُوۡفِ ۚ حَقًّا عَلَی الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔ گفتگو میں پاکیزگی ایک قدر اور شان ہے۔ ازدواجی مسائل کو کھل کر بیان کرنے کی بجائے فرمایا(مَا لَمۡ تَمَسُّوۡہُنَّ)۔ حقِ مہر کا تعیّن اور اسے ادا کرنا مرد پرواجب ہے (تَفۡرِضُوۡا لَہُنَّ فَرِیۡضَۃً)۔ مناسب ہدیہ دے کر طلاق کی تلخی کو دور یاکم کیا جاسکتا ہے۔ اگر ہمبستری نہ بھی کی گئی ہو تب بھی طلاق عورت کے لیے ایک قسم کا ذہنی دباؤ شمار ہوتا ہے اس لیے اس صدمہ کو مناسب ہدیہ دے کر دور یا کم کیا جاسکتا ہے (مَتِّعُوۡہُنَّ)۔ رشتہ ازدواج میں قداست اور احترام ہے اگرچہ ہمبستری نہ بھی کی ہو، نکاح کا صیغہ جاری ہونے پر عورت کو حق ہے کہ شوہر سے جدائی کی صورت میں اس سے مناسب ہدیہ وصول کرے (مَتِّعُوۡہُنَّ)۔ مرد اور عورت دونوں کی جانب سے انصاف اور عدالت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ جس طرح عورت کے دلی صدمہ کا مداوا ہدیہ دے کر کیا جانا چاہیے، اسی طرح مرد پر بھی دباؤ نہ ہو کہ وہ ہر صورت ہدیہ دے ، ہر ایک اپنی استطاعت کے مطابق اقدام کرے (عَلَی الۡمُوۡسِعِ قَدَرُہٗ وَ عَلَی الۡمُقۡتِرِ قَدَرُہٗ)۔ مرد پر اس کی مالی استطاعت کے مطابق گھرانے کے اخراجات واجب ہیں(عَلَی الۡمُوۡسِعِ قَدَرُہٗ وَ عَلَی الۡمُقۡتِرِ قَدَرُہٗ)۔ میاں بیوی کے سماجی روابط کا احترام ضروری ہے، (مَعۡرُوۡفِ)کی تعبیر لائی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ معاشرے میں رائج رسوم و رواج کا لحاظ رکھا جائے (مَتَاعًۢا بِالۡمَعۡرُوۡفِ)۔ زندگی کے معاملات میں افراط و تفریط سے دور رہو (بِالۡمَعۡرُوۡفِ)۔ بیوی کو ہدیہ دینا نیکوکاری کی نشانیوں سے ہے (مَتَاعًۢا بِالۡمَعۡرُوۡفِ ۚ حَقًّا عَلَی الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔ ہدیہ جنس کی صورت میں ہو تو بہتر ہے۔ نقد پیسے دینے کی بجائے لباس، سامان، انگوٹھی جیسی اشیاء دینا بہتر ہے، اس لیے کہا گیا ہے (مَتَاعًۢا بِالۡمَعۡرُوۡفِ)۔ شوہر جو کچھ دے وہ ہدیہ کے طور پر ہو، صدقہ، تاوان یا بوجھ سمجھ کر نہ دیا جائے، یہ شوہر پر ایک طرح کا بیوی کا حق ہے (حَقًّا عَلَی الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔ اخلاق، اسلامی احکام کی ضمانت ہے (حَقًّا عَلَی الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔

آیت ۲۳۷:

ازدواجی زندگی سے متعلق مسائل پر جب گفتگو کی جائے تو مناسب الفاظ کا چناؤ کیا جائے (تَمَسُّوۡہُنَّ)۔ حق مہر ادا کرنا مرد پر واجب ہے (فَرِیۡضَۃً)۔ میاں بیوی کا ایک دوسرے کو معاف کرنا دونوں کے لیے پسندیدہ اور اچھا عمل ہے، لہذا عورت آدھا مہر معاف کردے یا مرد پورا مہر ادا کرے (یَعۡفُوۡنَ۔۔۔تَعۡفُوۡۤا)۔ عورت کے نکاح کا اختیار اس کے ولی کے ہاتھ میں ہے (بِیَدِہٖ عُقۡدَۃُ النِّکَاحِ)۔ بخشش کرنے والے تقویٰ کے زیادہ قریب ہیں (وَ اَنۡ تَعۡفُوۡۤا اَقۡرَبُ لِلتَّقۡوٰی)۔ طلاق دینے میں بھی معافی، احترام اور کرامت کا پہلو مد نظر رکھا جائے (تَعۡفُوۡۤا۔۔۔لَا تَنۡسَوُا الۡفَضۡلَ)۔ طلاق میں اخلاقی مسائل اور انسانی شرف اور کرامت جیسے امور کو نہ بھلایا جائے (وَ لَا تَنۡسَوُا الۡفَضۡلَ بَیۡنَکُمۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 238 تا 245
حَٰفِظُواْ عَلَى ٱلصَّلَوَٰتِ وَٱلصَّلَوٰةِ ٱلۡوُسۡطَىٰ وَقُومُواْ لِلَّهِ قَٰنِتِينَ ٢٣٨ فَإِنۡ خِفۡتُمۡ فَرِجَالًا أَوۡ رُكۡبَانٗاۖ فَإِذَآ أَمِنتُمۡ فَٱذۡكُرُواْ ٱللَّهَ كَمَا عَلَّمَكُم مَّا لَمۡ تَكُونُواْ تَعۡلَمُونَ ٢٣٩ وَٱلَّذِينَ يُتَوَفَّوۡنَ مِنكُمۡ وَيَذَرُونَ أَزۡوَٰجٗا وَصِيَّةٗ لِّأَزۡوَٰجِهِم مَّتَٰعًا إِلَى ٱلۡحَوۡلِ غَيۡرَ إِخۡرَاجٖۚ فَإِنۡ خَرَجۡنَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ فِي مَا فَعَلۡنَ فِيٓ أَنفُسِهِنَّ مِن مَّعۡرُوفٖۗ وَٱللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٞ ٢٤٠ وَلِلۡمُطَلَّقَٰتِ مَتَٰعُۢ بِٱلۡمَعۡرُوفِۖ حَقًّا عَلَى ٱلۡمُتَّقِينَ ٢٤١ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمۡ ءَايَٰتِهِۦ لَعَلَّكُمۡ تَعۡقِلُونَ ٢٤٢ ۞ أَلَمۡ تَرَ إِلَى ٱلَّذِينَ خَرَجُواْ مِن دِيَٰرِهِمۡ وَهُمۡ أُلُوفٌ حَذَرَ ٱلۡمَوۡتِ فَقَالَ لَهُمُ ٱللَّهُ مُوتُواْ ثُمَّ أَحۡيَٰهُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ لَذُو فَضۡلٍ عَلَى ٱلنَّاسِ وَلَٰكِنَّ أَكۡثَرَ ٱلنَّاسِ لَا يَشۡكُرُونَ ٢٤٣ وَقَٰتِلُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٞ ٢٤٤ مَّن ذَا ٱلَّذِي يُقۡرِضُ ٱللَّهَ قَرۡضًا حَسَنٗا فَيُضَٰعِفَهُۥ لَهُۥٓ أَضۡعَافٗا كَثِيرَةٗۚ وَٱللَّهُ يَقۡبِضُ وَيَبۡصُۜطُ وَإِلَيۡهِ تُرۡجَعُونَ ٢٤٥
ترجمہ
ساری نمازوں خاص کر نماز وسطیٰ (ظہر) کی حفاظت کرو، اللہ کو خضوع کے ساتھ پکارتے ہوئے قیام کرو۔(۲۳۸) اگر تم دشمن کی طرف سے یا کسی اور جمعیت سے خطرہ محسوس کرو تو تم پیدل حالت میں یا سواریوں پر نماز ادا کرو، جب امن میں ہوجاؤ تو معمول کے مطابق نماز ادا کرکے اللہ کو یاد کرو جس طرح اللہ نے تمہیں تعلیم دی ہےجسے تم جانتے نہیں تھے۔(۲۳۹) تم میں سے جو موت کے قریب ہوں اور اپنے پیچھے بیویوں کو چھوڑیں تو ان کے لیے یہ وصیت کر جائیں کہ ایک سال تک ان کی زندگی کے اخراجات ادا کئے جائیں اور انہیں گھر سے نہ نکالیں لیکن اگر وہ خود گھر سے چلی جائیں اور اپنے لیے مناسب فیصلہ کرلیں تو تم پر کوئی گناہ نہیں، اللہ عزیز و حکیم ہے۔(۲۴۰) جن عورتوں کو طلاق دی گئی ہے تو ان کے لیے مناسب ہدیہ دینا تقویٰ اپنانے والوں کے لیے بہتر ہے۔(۲۴۱) اللہ اس طرح اپنی آیات کو تمہارے لیے بیان کرتا ہے تاکہ تم اس بارے غور و فکر کرو۔(۲۴۲) کیا تم نے یہ نہیں دیکھا کہ بنی اسرائیل کا ایک گروہ ایسا تھا جس نے موت کے خوف سے (طاعون کا بہانہ بناکر) میدان جہاد میں شرکت کرنے سے انکار کردیا اور اپنے گھروں میں ٹھہر گئے جبکہ وہ ہزاروں کی تعداد میں تھے تو اللہ نے ان کے لیے یہ کہا: تم سب مرجاؤ، پھر اللہ نے انہیں زندہ کیا، بلاشک اللہ اپنے بندوں پر احسان کرتا ہے مگر زیادہ تر لوگ شکرگزار نہیں۔(۲۴۳) اللہ کی راہ میں جنگ کرو اور یہ جان لو کہ اللہ سننے اور جاننے والا ہے۔(۲۴۴) کون ہے جو اللہ کو قرض حسنہ دیتا ہے تاکہ اللہ اسے چند برابر بنا کر پلٹا دے، اللہ ہی بندوں کی روزی کو تنگ یا وسیع قرار دیتا ہے، آخر کار سب ہی اسی کی طرف پلٹائے جاؤ گے۔(۲۴۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۳۸:

نماز وسطیٰ کے بارے میں چند اقوال ہیں لیکن آیت کے شان نزول کے لحاظ سے کہ کچھ لوگ گرمی کے موسم میں شدید گرمی کی وجہ سے نماز ظہر میں شرکت نہ کرتے تھے نیز احادیث اور تفاسیر کی روشنی میں اس سے نماز ظہر مراد ہے۔ نماز کی حفاظت کا معنی نماز کے احکام سے آگہی، نماز کے اوقات سے باخبر رہنا، نماز کے آداب کا خیال رکھنا، نماز ادا کرتے وقت پوری توجہ نماز پر دینا اور نماز و عبادات کے مراکز کی حفاظت کرنا ہے۔ حدیث میں ہے: نماز ایک گروہ سے کہے گی: تم نے مجھے ضائع کیا، اللہ تمہیں ضائع کرے، ایک گروہ سے کہے گی: تم نے میری حفاظت کی ہے، اللہ تمہاری حفاظت کرے۔ نماز باقاعدگی کے ساتھ ہمیشہ قائم کرنے کا حکم ہے (حٰافِظُوۡا)۔ جہاں پر سہل انگاری اور غفلت میں پڑ جانے کا خطرہ ہو تو وہاں زیادہ خبردار کرنے کی ضرورت ہے، اس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے(وَ الصَّلٰوۃِ الۡوُسۡطٰی)۔ نماز پوری توجہ، چستی اور معرفت و اخلاص کے سے قائم کی جائے (قُوۡمُوۡا لِلّٰہِ قٰانِتِیۡنَ)۔ انسانوں کو اللہ تعالیٰ کی دیگر مخلوقات سے مختلف نہیں ہونا چاہیے، قرآن مجید کائنات کی اشیاء کے بارے میں فرماتا ہے (کُلٌّ لَّہٗ قٰنِتُوۡنَ)’’روم، ۲۶‘‘ اگر ہم قانت، خاضع اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے والے نہ ہوں تو ہم کائنات سے ہم آہنگ نہیں (قُوۡمُوۡا لِلّٰہِ قٰانِتِیۡنَ)۔ نماز کی قدر و شان اس میں ہے کہ خضوع و خشوع کے ساتھ ہو (قٰانِتِیۡنَ)۔

آیت ۲۳۹:

قرآن مجید میں بعض دفعہ (الصَّلٰوۃ) کی جگہ ’’ذکر‘‘ کی تعبیر استعمال ہوئی ہے جیسے نماز جمعہ کے متعلق ارشاد ہے: (فَاسۡعَوۡا اِلٰی ذِکۡرِ اللّٰہِ)’’جمعہ،۹‘‘ اللہ کے ذکر کی طرف تیزی سے جاؤ۔ اس آیت میں ذکر سے نماز جمعہ مراد ہے۔ (فَاذۡکُرُوا اللّٰہَ)اللہ کا ذکر نماز ہے۔ جی ہاں! نماز کا فلسفہ اور نماز کی روح اللہ تعالیٰ کا ذکر ہے۔ اس آیت میں نماز خوف کا طریقہ بیان ہوا ہے جو حالت جنگ میں پڑھی جاتی ہے۔ فقہ میں اس کے لیے خاص احکام ہیں جن کے تحت نماز خوف ادا کی جائے گی۔ نماز کسی بھی حالت میں معاف نہیں ہوتی (فَاِنۡ خِفۡتُمۡ فَرِجَالًا اَوۡ رُکۡبَانًا)۔ اسلامی احکام پر عمل کرنے میں عسر و حرج نہیں ہے۔جب انسان ٹھہرنے پر قادر نہ ہو اور بدن کو ساکن نہ رکھ سکے یا قبلہ کی جانب رخ کرنا ممکن نہ ہو تو جس طرح ممکن ہو ویسے نماز ادا کی جائے گی۔ نماز کی شرائط، حالات کے تحت تبدیل ہوجائیں گی (فَرِجَالًا اَوۡ رُکۡبَانًا)۔ نماز نعمت کا شکر ہے (فَاذۡکُرُوا اللّٰہَ کَمَا عَلَّمَکُمۡ)۔ انسان کچھ مسائل کو تو جانتا ہے اور کچھ نہیں جانتا اور خود جان بھی نہیں سکتا مگر یہ کہ وہ مسائل وحی کے ذریعہ اسے تعلیم دئے جائیں (مَّا لَمۡ تَکُوۡنُوۡا تَعۡلَمُوۡنَ)جو تم نہیں جان سکتے تھے اللہ نے ان کی تعلیم دی، یہ نہیں کہا (لا تعلمون) تم نہیں جانتے تھے۔

آیت ۲۴۰:

کچھ مفسرین کا خیال ہے کہ اس آیت کو عدت کی آیت سورہ بقرہ، ۲۳۴ اور آیت ارث سے پہلے ہونا چاہیے تھا۔ ان آیات کے نزول سے یہ آیت نسخ ہوگئی ہے اور اس پر عمل کرنے کی تاریخ ختم ہو چکی۔ لیکن کچھ کا خیال ہے کہ عدت اور ارث کی آیات میں گھر میں رہنے کی واجب مقدار بیان ہوئی ہے جبکہ اس آیت میں بیان شدہ حکم مستحب عمل کے عنوان سے لے سکتے ہیں اس معنی میں کہ اگر بیوہ عورت اپنے متوفی شوہر کے احترام میں اس کی وفات کے ایک سال بعد تک گھر میں رہنا چاہے تو شوہر پر ہے کہ وہ اس کے لیے ایک سال کے اخراجات کے لیے اپنے ایک تہائی مال سے وصیت کرے۔ یہ کام بیوی کے احترام میں ہو جیسا کہ اس کا ارادہ ہے۔ مردوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مال سے بیویوں کے لیے کچھ وصیت کرجائیں (وَ الَّذِیۡنَ یُتَوَفَّوۡنَ ۔۔۔ وَصِیَّۃً لِّاَزۡوَاجِہِمۡ )۔ بیوہ عورتوں کا مستقبل محفوظ بنایا جائے (مَتَاعًا اِلَی الۡحَوۡلِ)۔ عورت جب دوسرے شوہر کا انتخاب کرنے کا ارادہ کرلے تو عاقلانہ اور جائز طریقہ سے ہو اور اپنے مفاد کو دیکھ کر فیصلہ کرے (فَعَلۡنَ فِیۡۤ اَنۡفُسِہِنَّ مِنۡ مَّعۡرُوۡفٍ)۔ الٰہی قوانین حکمت کی بنیاد پر وضع ہوئے ہیں (عَزِیۡزٌ حَکِیۡمٌ)۔

آیات ۲۴۱۔۲۴۲:

یہ آیت یا تو ان کے متعلق ہے جن کے بارے عقد نکاح کے ضمن میں حق مہر کا تعیّن نہیں ہوا اور ہمبستری سے پہلے بیوی کو طلاق دے دی گئی یا اس میں ایک اخلاقی نکتہ بیان ہوا ہے جو وصیت اور طلاق کے تمام موارد کو شامل ہے کہ بیوی کو حق مہر کے علاوہ بھی کچھ دیا جائے تاکہ اس طرح طلاق یافتہ عورت کی دل جوئی ہوجائے۔ طلاق یافتہ عورتوں کے ساتھ رویہ میں تقویٰ لازم ہے (لِلۡمُطَلَّقٰتِ۔۔۔حَقًّا عَلَی الۡمُتَّقِیۡنَ)۔ ہدیہ دینے سے دل سے کدورت ختم ہوتی ہے اور دلجوئی بھی ہوتی ہے، یہ تقویٰ اپنانے والوں کی نشانی ہے (مَتَاعٌۢ بِالۡمَعۡرُوۡفِ ؕ حَقًّا عَلَی الۡمُتَّقِیۡنَ)۔

آیت ۲۴۳:

اس آیت کے شان نزول میں آیا ہے کہ شام کے ایک شہر میں طاعون کی بیماری پھیلی تو جو لوگ شہر سے نکل سکتے تھے وہ شہر سے نکل گئے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اسی بیماری سے مار دیا۔ احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ بیماری انہیں سزا کے طور پر لاحق ہوئی تھی۔ کیونکہ جب ان کے رہبر نے ان سے یہ چاہا کہ وہ جہاد کے لیے شہر سے نکلیں تو انہوں نے انکار کردیا اور کہا کہ جنگی علاقہ میں طاعون کی بیماری آئی ہوئی ہے۔ اس طرح وہ میدان جنگ میں نہ گئے۔ انہوں نے جس بیماری کا بہانہ بنا کر جنگ کے میدان میں جانے سے انکار کیا تھا وہی بیماری ان کے شہر میں ڈال دی۔ حزقیل نبی جو بنی اسرائیل کے انبیاء سے تھے جب اس جگہ سے گزرے تو اللہ تعالیٰ سے درخواست کی کہ ان کو زندہ کردے۔ اللہ تعالیٰ نے حزقیل کی دعا کو قبول کرلیا۔ وہ سب زندہ ہوگئے اور اپنی معمول کی زندگی گزارنے لگے۔ شیعہ کا عقیدہ ہے کہ اللہ تعالٰی قیامت سے پہلے کچھ افراد اور کچھ گروہوں کو زندہ کرے گا جسے عقیدہ رجعت کہا جاتا ہے۔ اس بارے سینکڑوں احادیث وارد ہوئی ہیں۔ یہ آیت بھی بیان کررہی ہے کہ قیامت سے پہلے مرے ہوئے لوگوں کا دوبارہ زندہ ہونا ممکن ہے۔ تاریخ کے بیان میں جو بات اہم ہے وہ کسی بھی قوم کے عروج و زوال کے اسباب ہیں، افراد، قبائل اور علاقوں کے نام اہم نہیں ہیں (الَذِیۡنَ خَرَجُوۡا مِنۡ دِیَارِہِمۡ)۔ اگر اللہ تعالٰی کسی کو مارنے کا ارادہ کرے تو پھر فرار کام نہیں آتا (فَقَالَ لَہُمُ اللّٰہُ مُوۡتُوۡا)۔ اللہ تعالیٰ نے اسی دنیا میں مردے کو زندہ کیا ہے (ثُمَّ اَحۡیَاہُمۡ)۔

آیت ۲۴۴:

سابقہ آیت میں ہم نے پڑھا کہ جنگ سے فرار کارساز نہیں۔ اللہ تعالیٰ کا غضب ہزاروں فراریوں کو آلے گا اور انہیں نابود کردے گا۔ یہ آیت کہہ رہی ہے کہ جب موت و حیات اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے تو پھر اللہ تعالیٰ کے راستہ میں جنگ کرو اور یہ جان لو کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں تمہارے لیے اجر و ثواب محفوظ ہے۔ جہاد اور دشمن کا مقابلہ اس وقت اہمیت رکھتا ہےاور قابل قدر ہے جب اللہ تعالیٰ کے لیے ہو اور اللہ کے راستہ میں ہو۔ ذاتی انتقام، قدرت نمائی، استحصال اور ملکوں پر قبضہ کرنے کے لیے نہ ہو۔ اگر جنگ ان چیزوں کے لیے ہو تو بے حیثیت ہے (قَاتِلُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ اس امر پر توجہ کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دیکھ رہا ہے اور ہمارے اعمال سے آگاہ ہے، میدان جہاد میں جانے کے لیے مضبوط ترین وسیلہ ہے (سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۴۵:

قرآن مجید میں سات بار اللہ تعالٰی کو قرض دینے کا ذکر ہوا ہے۔تفسیر مجمع البیان میں قرض الحسنہ کی درج ذیل شرائط بیان ہوئی ہیں: ۱۔قرض الحسنہ حلال مال سے ہو۔ ۲، صحیح و سالم مال سے ہو، ناقص اور عیب دار نہ ہو۔ ۳۔ ضروری اخراجات کے لیے ہو۔۴۔ احسان جتائے بغیر ہو۔ ۵۔ ریاکاری نہ ہو۔ ۶۔ مخفیانہ ہو اور رازداری سے قرض دیا جائے۔ ۷۔ ایثار اور پیار و عشق کے جذبہ سے سرشار ہو کر دیا جائے۔ ۸۔قرضہ مانگنے پر فوراً دیا جائے۔ ۹۔قرض دینے والا اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائے کہ اس نے اسے یہ توفیق دی ہے۔ ۱۰۔ قرض لینے والے کی آبرو محفوظ رہے۔ اللہ تعالیٰ کو قرض الحسنہ دینے کی بات سے معلوم ہوا کہ قرض الحسنہ کا ثواب اللہ تعالیٰ پر ہے۔صدقہ کا ثواب ایک درجہ ہے جبکہ قرض الحسنہ کا ثواب ۱۸ برابر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں کہا کہ تم لوگوں کو قرض الحسنہ دو بلکہ یہ کہا کہ اللہ کو قرض دو تاکہ فقراء کو احساس ہو کہ اللہ تعالیٰ نےان کی جگہ خود کو قرار دیا ہے تاکہ فقراء ذلت محسوس نہ کریں۔ ہمارا وجود اور جو کچھ ہمارے پاس ہے سب اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا ہے۔اس کے باوجود اللہ تعالیٰ کبھی تو خود کو انسان کی جانوں کا خریدار کہتا ہےاور کبھی لوگوں سے قرضہ لینے والا بن جاتا ہے۔ حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا: آسمانوں اور زمین کے سارے لشکر اللہ تعالیٰ کے ہیں، لہذا قرض الحسنہ سے متعلق آیت تمہاری آزمائش کے لیے ہے۔ احادیث میں ہے کہ جو شخص کھلے ہاتھ سے لوگوں کو عطا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی روزی میں وسعت دیتا ہے اور جو لوگوں سے بخل کرے اللہ تعالیٰ اس کے رزق کو تنگ کردیتا ہے۔ لوگوں کو نیک کاموں کی ترغیب دیناضروری ہے (فَیُضٰعِفَہٗ لَہٗۤ اَضۡعَافًا کَثِیۡرَۃً)۔ اگر ہم یہ جانیں کہ تنگ دستی اور کشائش اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے تو پھر بڑے آرام سے انفاق کریں گے اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے میں بخل نہ کریں گے (وَ اللّٰہُ یَقۡبِضُ وَ یَبۡصُۜطُ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 246 تا 248
أَلَمۡ تَرَ إِلَى ٱلۡمَلَإِ مِنۢ بَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ مِنۢ بَعۡدِ مُوسَىٰٓ إِذۡ قَالُواْ لِنَبِيّٖ لَّهُمُ ٱبۡعَثۡ لَنَا مَلِكٗا نُّقَٰتِلۡ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِۖ قَالَ هَلۡ عَسَيۡتُمۡ إِن كُتِبَ عَلَيۡكُمُ ٱلۡقِتَالُ أَلَّا تُقَٰتِلُواْۖ قَالُواْ وَمَا لَنَآ أَلَّا نُقَٰتِلَ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ وَقَدۡ أُخۡرِجۡنَا مِن دِيَٰرِنَا وَأَبۡنَآئِنَاۖ فَلَمَّا كُتِبَ عَلَيۡهِمُ ٱلۡقِتَالُ تَوَلَّوۡاْ إِلَّا قَلِيلٗا مِّنۡهُمۡۚ وَٱللَّهُ عَلِيمُۢ بِٱلظَّٰلِمِينَ ٢٤٦ وَقَالَ لَهُمۡ نَبِيُّهُمۡ إِنَّ ٱللَّهَ قَدۡ بَعَثَ لَكُمۡ طَالُوتَ مَلِكٗاۚ قَالُوٓاْ أَنَّىٰ يَكُونُ لَهُ ٱلۡمُلۡكُ عَلَيۡنَا وَنَحۡنُ أَحَقُّ بِٱلۡمُلۡكِ مِنۡهُ وَلَمۡ يُؤۡتَ سَعَةٗ مِّنَ ٱلۡمَالِۚ قَالَ إِنَّ ٱللَّهَ ٱصۡطَفَىٰهُ عَلَيۡكُمۡ وَزَادَهُۥ بَسۡطَةٗ فِي ٱلۡعِلۡمِ وَٱلۡجِسۡمِۖ وَٱللَّهُ يُؤۡتِي مُلۡكَهُۥ مَن يَشَآءُۚ وَٱللَّهُ وَٰسِعٌ عَلِيمٞ ٢٤٧ وَقَالَ لَهُمۡ نَبِيُّهُمۡ إِنَّ ءَايَةَ مُلۡكِهِۦٓ أَن يَأۡتِيَكُمُ ٱلتَّابُوتُ فِيهِ سَكِينَةٞ مِّن رَّبِّكُمۡ وَبَقِيَّةٞ مِّمَّا تَرَكَ ءَالُ مُوسَىٰ وَءَالُ هَٰرُونَ تَحۡمِلُهُ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةُۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَأٓيَةٗ لَّكُمۡ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ ٢٤٨
ترجمہ
کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ بنی اسرائیل کے بڑوں نے موسیٰ کے بعد اپنے پیغمبر سے کہا: ہمارے لیے کمانڈر مقرر کرو تاکہ اس کی کمانڈ میں اللہ کی راہ میں جنگ کریں تو ان کے پیغمبر نے کہا: اگر تمہیں جنگ کا دستور دیا گیا تو ایسا تو نہ ہو گا کہ تم جہاد نہ کرو ؟ انہوں نے کہا: یہ کس طرح ممکن ہے کہ ہم اللہ کی راہ میں جنگ نہ کریں جبکہ ہم اپنے گھروں سے نکالے گئے ہیں، جب ان کے لیے جنگ کا حکم آگیا تو تھوڑی سی تعداد کے علاوہ سب نے نافرمانی کی اور اللہ ظالموں سے آگاہ ہے۔(۲۴۶) ان کے پیغمبر نے ان سے کہا: اللہ نے تمہارے لیے طالوت کو کمانڈر چن لیا ہے، انہوں نے کہا: وہ ہم پر کس طرح حکومت کرے گا جبکہ ہم اس سے زیادہ حکمرانی کے حقدار ہیں، اس کے پاس تو مال بھی زیادہ نہیں، ان کے پیغمبر نے کہا: اللہ نے اسے تمہارے اوپر چن لیا ہے، اس کی علمی اور جسمانی طاقت کو بڑھا دیا ہے اور اللہ جس کسی کو چاہے اپنی مملکت دیتا ہے، اللہ کا احسان وسیع ہے اور وہ (صلاحیتوں سے)آگاہ ہے۔(۲۴۷) اور ان کے پیغمبر نے ان سے کہا: اس کی حکومت کی نشانی یہ ہے کہ (عہد و پیمان کا حامل )تابوت تمہاری طرف آئے گا جس میں تمہارے پروردگار کی طرف سے تمہارے لیے سکون ہے اور آل موسیٰ اور آل ہارون جو کچھ وراثت سے یادگار چھوڑ گئے ہیں وہ اس میں ہے، یہ صندوق اس حال میں تمہارے پاس آئے گا کہ فرشتوں نے اسے اٹھایا ہوا ہوگا، اس میں تمہارے لیے بڑی واضح نشانی ہے اگر تم ایمان لانے والے ہو۔(۲۴۸)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۴۶:

(ملاء)اشرافیہ اور قوم کے بڑوں پر بولا جاتا ہے کہ ان کا اپنی قوم پر رعب و دبدبہ ہوتا ہے۔ بنی اسرائیل نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے بعد قانون شکنی کی اور وہ آرام پسند ہوگئے۔ جس کی وجہ سے ان پر ظالم حکمران مسلط ہوگئے اور وہ آزادی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے اور اپنی زمین بھی گنوا بیٹھے۔ انہوں نے سرکش اور ظالم حکمران سے نجات پانے کا فیصلہ کیا اور اس کے خلاف قیام کرنے کا ارادہ کرلیا اور اپنے پیغمبر اشموئیل سے درخواست کی کہ ان کے لیے ایک کمانڈر مقرر کرے تاکہ اس کی قیادت میں ظالم حکمران کے خلاف جنگ کرکے اس سے نجات حاصل کریں۔ ان تمام تر دعوؤں کے باوجود جب ان کے لیے کمانڈر کا انتخاب کرلیا گیا تو انہوں نے نافرمانی کی۔ان میں سے صرف چند افراد نے اس دستور پر عمل کیا۔ مسلمانوں پر ہے کہ وہ بنی اسرائیل کی تاریخ سے عبرت حاصل کریں( اَلَمۡ تَرَ اِلَی)۔ الٰہی رہبر کا نہ ہونا انتشار، تفرقہ، افراتفری، آورگی اورستم پذیری کا سبب بنتا ہے (مِنۡۢ بَعۡدِ مُوۡسٰی)۔ ضروری ہے کہ فوج کے کمانڈر کو آسمانی اور الٰہی رہبر منتخب کرے(ابۡعَثۡ لَنَا)لہذا دین سیاست سے جدا نہیں۔ جنگ میں کامیابی کے لیے ماہر اور لائق کمانڈر کی ضرورت ہے (ابۡعَثۡ لَنَا مَلِکًا)۔ ظالم حکمرانوں سے نجات پانے کے لیے انبیاء کی پناہ میں آئیں (قَالُوۡا لِنَبِیٍّ لَّہُمُ)۔ رہبر کو مستقبل شناس ہونا چاہیے، پیمان شکنی کا احتمال دے اور یہ احتمال بھی دے کہ لوگ نافرمانی کریں گے اور ذمہ داری سے فرار کریں گے(ہَلۡ عَسَیۡتُمۡ)۔ جہاد کا مقصد ظلم کا خاتمہ، وطن کا دفاع اور اللہ کی رضا ہونا چاہیے (وَ مَا لَنَاۤ اَلَّا نُقَاتِلَ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ وَ قَدۡ اُخۡرِجۡنَا مِنۡ دِیَارِنَا وَ اَبۡنَآئِنَا)۔ مشکلات بیداری کا سبب اور آزادی کے لیے کوشش کرنے کا سبب ہے (اُخۡرِجۡنَا)۔ جہاد کا میدان بڑے بڑے دعوے کرنے والوں کی پرکھ اور آزمائش گاہ ہے (تَوَلَّوۡا)۔ ’’خوش بود گر محک تجربہ آید بہ میدان۔۔۔تا سیہ روی شود ہر کہ در اوغش باشد‘‘۔ ’’کتنا اچھا ہو اگر تجربے کی کسوٹی میدانِ عمل میں آ جائے، تاکہ ہر وہ شخص ذلیل و رسوا ہو جائے جس کے اندر کھوٹ ہے‘‘ عہد و پیمان توڑنے والے اور اپنی بات پر عمل نہ کرنے والے ظالم ہیں (عَلِیۡمٌۢ بِالظّٰلِمِیۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ آگاہ ہے تو پھر یہ ظاہر داری کس لیے؟! (وَ اللّٰہُ عَلِیۡمٌۢ)۔

آیت ۲۴۷:

’’واسع‘‘کا لفظ اس معنی میں ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسا بے نیاز ہے کہ وہ کسی قسم کی عطاء و بخشش سے عاجز نہیں۔ اگرچہ بنی اسرائیل نے اپنے پیغمبر سے جنگ کے لیے کمانڈر مانگا تھا (مَلِکًا نُّقَاتِلۡ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ) لیکن جب کمانڈر مقرر ہوا تو انہوں نے بہانہ تراشا اور کہہ دیا کہ طالوت کو حکمرانی اور قیادت سے کیا سروکار؟ معلوم ہوتا ہے کہ عسکری کمانڈر بنانے کے علاوہ اسے سیاسی قیادت بھی دی گئی تھی۔ بنی اسرائیل نے ظالموں سے نجات پانے کے لیے فوج کا کمانڈر مانگا تھا لیکن جب طالوت کو فوجی قیادت کے علاوہ سیاسی قیادت بھی دی گئی جبکہ وہ فقیر اور گمنام چرواہا تھا تو انہوں نے کہا کہ یہ جوان کس طرح ہماری قیادت کر سکتا ہے جبکہ نہ تو وہ مشہور ہے اور نہ ہی اس کے پاس مال و دولت ہے۔ ہمارے پاس تو مال و ثروت بھی ہے اور ہم مشہور بھی ہیں اس لیے ہم اس سے زیادہ اس منصب کے حقدار ہیں۔ ان کے پیغمبر نے جب ان سے یہ سنا کہ وہ اسے اس وجہ سے نالائق سمجھ رہے ہیں کہ اس کے پاس مال نہیں اور وہ فقیر ہے تو اس نے جواب میں کہا کہ بلاشک اللہ تعالیٰ نے اسے تمہارے اوپر مقرر کیا ہے، یہ اللہ تعالیٰ کا انتخاب ہے۔ اس کے پاس ہنر،علم اور صلاحیت ہے اور وہ جسمانی طور پر مضبوط ہے اور جنگ کی کمانڈ کے لیے اس میں ضروری صلاحیت موجود ہے۔ پیغمبر وحی کی بنیاد پر اپنا جانشین مقرر کرتے ہیں ( اِنَّ اللّٰہَ قَدۡ بَعَثَ)۔ جس کو اللہ تعالیٰ رہبر بنا دے وہی لوگوں کے فائدے میں ہے (بَعَثَ لَکُمۡ)۔ اگر ظلم سے نجات پانا چاہتے ہو تو الٰہی رہبر کو قبول کرلو (اِنَّ اللّٰہَ قَدۡ بَعَثَ لَکُمۡ طَالُوۡتَ مَلِکًا)۔ دین سیاست سے جدا نہیں، انبیاء براہ راست عسکری و دفاعی امور میں دخالت کرتے تھے، فوج کا کمانڈر مقرر کرتے تھے اور اسےعزل بھی کرتے تھے (اِنَّ اللّٰہَ قَدۡ بَعَثَ لَکُمۡ)۔ گمنام اور فقیر و نادار افراد میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو فراموش نہ کرو (قَدۡ بَعَثَ لَکُمۡ)۔ حقیقی ایمان کی نشانی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے حکم کے سامنے تسلیم ہونا ہے، بنی اسرائیل ایک غلط سوچ کی بنا پر اپنے پیغمبر کے حکم کے سامنے تسلیم نہیں ہوئے (اَنّٰی یَکُوۡنُ لَہُ الۡمُلۡکُ عَلَیۡنَا)۔ الٰہی امتحانات سے ایک یہ ہےکہ الٰہی رہبر سے کس طرح کا رویہ اپنایاجاتاہے(قَالُوۡۤا اَنّٰی یَکُوۡنُ۔۔۔)۔ اپنے آپ کو دوسروں سے بہتر اور برتر سمجھنا ناپسندیدہ عمل ہے (نَحۡنُ اَحَقُّ بِالۡمُلۡکِ مِنۡہُ )، جیسا کہ شیطان نے کہا تھا ( اَنَا خَیْرٌ مِنۡہُ)’’اعراف، ۱۲‘‘۔ مال و دولت اور ظاہری شان و شوکت برتری کی علامت نہیں، اس آیت میں ان لوگوں پر تنقید کی گئی ہے جو مال و ثروت اور شہرت کو قیادت کا معیار قرار دیتے تھے (لَمۡ یُؤۡتَ سَعَۃً مِّنَ الۡمَالِ)۔ اللہ تعالیٰ کا انتخاب لیاقت اور صلاحیت کی بنیاد پر ہے، بے ہودہ اور بغیر سبب کے نہیں ہوتا (اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰىہُ عَلَیۡکُمۡ وَ زَادَہٗ بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ)۔ علمی صلاحیت اور جسمانی طاقت فوج کی کمانڈ کے لیے ضروری شرط ہے (بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ)۔ علمی قابلیت جسمانی طاقت سے زیادہ اہم ہے (زَادَہٗ بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ) میں پہلے ’’علم‘‘ کا لفظ آیا ہے پھر ’’جسم‘‘ کا لفظ آیا ہے۔ قائد پر لازم ہے کہ وہ اپنے ماتحت افراد کے لیے وضاحت کرے، ان کے ذہنوں میں موجود شبہات کو دور کرے، اپنے کام کی دلیل اور اپنے انتخاب کا سبب بیان کرے، مبہم امور کی وضاحت کردے، یہ نہ کہے کہ یہ میرا اختیار ہے، تمہیں سوال کرنے کا حق نہیں، جو میں چاہوں کروں، اس آیت میں طالوت کے انتخاب کی دلیل ان کی علمی صلاحیت اور جسمانی طاقت بیان ہوئی ہے(زَادَہٗ بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ)۔ نہ تو غربت اور گمنامی لطف الٰہی میں رکاوٹ ہے اور نہ ہی ثروت اور شہرت الٰہی لطف کا سبب ہے (وَ اللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔ اللہ تعالیٰ کے کاموں پر اعتراض کرنا لوگوں کی کم فکری اور محدود سوچ کا نتیجہ ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کا علم بے انتہا اور غیر محدود ہے (وَ اللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۴۸:

پیغمبر نے یہودیوں سے کہا کہ مقدس صندوق انہیں لوٹا دیا جائے گا تاکہ انہیں اطمینان ہوجائے کہ طالوت کا انتخاب صحیح ہے۔ اس صندوق کا نام صندوق عہد تھا جو ان کا پاس موجود تھا جسے وہ جنگوں میں آگے آگے لے کر چلتے تھے۔لیکن آہستہ آہستہ اس کا تقدس ختم ہوگیا اور وہ صندوق گم گیا۔ اللہ تعالیٰ نے طالوت کی حکمرانی میں فرشتوں کے ذریعہ اسے بنی اسرائیل میں واپس لوٹا دیا تاکہ انہیں اطمینان ہو اور وہ پرسکون رہیں۔ اس صندوق سے مراد لکڑی کا وہ صندوق تھا جس کے اندر مادر موسیٰ علیہ السلام نے انہیں رکھ کر دریا ئے نیل میں ڈالا تھا اور فرعون کے درباری انہیں دریا سے نکال کر صندوق کے ہمراہ فرعون کے دربار میں لے گئے تھے۔ یہ صندوق فرعون کے دربار میں موجود تھا۔ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام مقام نبوت پر فائز ہوئے تو تورایت کی الواح ’’تختیوں‘‘ کو اس میں رکھ دیا اور رحلت کے موقع پر اپنی زرہ اور دیگر اشیا کو اس کے اندر ڈال دیا اور اس صندوق کو اپنے وصی ’’یوشع بن نون‘‘کے سپرد کردیا تھا۔ انسان کو ہمیشہ سکون و آرام کی ضرورت ہے، خاص کر جب وہ میدان جنگ میں اترتا ہے (فِیۡہِ سَکِیۡنَۃٌ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ)۔ الٰہی رہبر کے پاس الٰہی نشانی کا ہونا ضروری ہے۔ طالوت کا انتخاب اللہ تعالیٰ کی طرف سے تھا، اس لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے اسے ایک نشانی دی گئی جس سے اس کے انتخاب کی تائید ہوئی(تَحۡمِلُہُ الۡمَلٰٓئِکَۃُ)۔ اگر وہ صندوق جو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے جسم اور تورات کی تختیوں سے چھونے کی وجہ سے مقدس اور تسکین بخش تھا تو پھر اولیاء الٰہی کی قبروں پر موجود صندوق کا مقدس اور تسکین بخش ہونا قرآنی تعلیمات کے خلاف نہیں ہے۔ کیونکہ ان مزارات میں موجود صندوقوں کے اندر ’’بقیہ مما ترک آل محمدﷺ‘‘ آل محمدﷺکی باقیات موجود ہیں(بَقِیَّۃٌ مِّمَّا تَرَکَ اٰلُ مُوۡسٰی وَ اٰلُ ہٰرُوۡنَ)۔ انبیاء کی نشانیوں کی حفاظت قابل قدر اور اہم کام ہے جو دلوں کو سکون بخشنے کا سبب ہے (بَقِیَّۃٌ مِّمَّا تَرَکَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 249 تا 252
فَلَمَّا فَصَلَ طَالُوتُ بِٱلۡجُنُودِ قَالَ إِنَّ ٱللَّهَ مُبۡتَلِيكُم بِنَهَرٖ فَمَن شَرِبَ مِنۡهُ فَلَيۡسَ مِنِّي وَمَن لَّمۡ يَطۡعَمۡهُ فَإِنَّهُۥ مِنِّيٓ إِلَّا مَنِ ٱغۡتَرَفَ غُرۡفَةَۢ بِيَدِهِۦۚ فَشَرِبُواْ مِنۡهُ إِلَّا قَلِيلٗا مِّنۡهُمۡۚ فَلَمَّا جَاوَزَهُۥ هُوَ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ مَعَهُۥ قَالُواْ لَا طَاقَةَ لَنَا ٱلۡيَوۡمَ بِجَالُوتَ وَجُنُودِهِۦۚ قَالَ ٱلَّذِينَ يَظُنُّونَ أَنَّهُم مُّلَٰقُواْ ٱللَّهِ كَم مِّن فِئَةٖ قَلِيلَةٍ غَلَبَتۡ فِئَةٗ كَثِيرَةَۢ بِإِذۡنِ ٱللَّهِۗ وَٱللَّهُ مَعَ ٱلصَّٰبِرِينَ ٢٤٩ وَلَمَّا بَرَزُواْ لِجَالُوتَ وَجُنُودِهِۦ قَالُواْ رَبَّنَآ أَفۡرِغۡ عَلَيۡنَا صَبۡرٗا وَثَبِّتۡ أَقۡدَامَنَا وَٱنصُرۡنَا عَلَى ٱلۡقَوۡمِ ٱلۡكَٰفِرِينَ ٢٥٠ فَهَزَمُوهُم بِإِذۡنِ ٱللَّهِ وَقَتَلَ دَاوُۥدُ جَالُوتَ وَءَاتَىٰهُ ٱللَّهُ ٱلۡمُلۡكَ وَٱلۡحِكۡمَةَ وَعَلَّمَهُۥ مِمَّا يَشَآءُۗ وَلَوۡلَا دَفۡعُ ٱللَّهِ ٱلنَّاسَ بَعۡضَهُم بِبَعۡضٖ لَّفَسَدَتِ ٱلۡأَرۡضُ وَلَٰكِنَّ ٱللَّهَ ذُو فَضۡلٍ عَلَى ٱلۡعَٰلَمِينَ ٢٥١ تِلۡكَ ءَايَٰتُ ٱللَّهِ نَتۡلُوهَا عَلَيۡكَ بِٱلۡحَقِّۚ وَإِنَّكَ لَمِنَ ٱلۡمُرۡسَلِينَ ٢٥٢
ترجمہ
پھر جب طالوت اپنے فوجیوں کو باہر لے گیاتو ان سے کہا: اللہ پانی کی ایک ندی سے تمہارا امتحان لے گا، لہذا جو بھی اس پانی سے پیئے گا تو وہ مجھ سے نہیں ہو گا اور جس نے اس ندی سے نہ پیا تو وہ میرا ساتھی ہے مگر یہ کہ ایک چلو پانی لے اور اسے پی لے، پھر (جب وہ فوج اس ندی پر پہنچ گئی تو) سوائے تھوڑے سے افراد کے سب نے اس سے پانی پی لیا، پھر جس وقت طالوت اور اس کے با ایمان ساتھی اس ندی سے گزر گئے تو (دشمن کی کثرت اور اپنی کم تعداد دیکھ کر گھبرا گئے اور) کہا: آج ہم میں جالوت اور اس کی فوج کا مقابلہ کرنے کی توانائی نہیں ہےلیکن جن کا اللہ کی ملاقات پر یقین تھا انہوں نے کہا کہ کتنا ایسا ہوتا ہے کہ اللہ کی اجازت سے تھوڑا(چھوٹا) سا گروہ بڑے گروہ پر غالب آتا ہے، اللہ صبر کرنے والوں اور استقامت دیکھانے والوں کے ساتھ ہے۔(۲۴۹) جب وہ جالوت اور اس کی فوج کے سامنے آکھڑے ہوئے تو انہوں نے کہا: اے ہمارے رب! ہمیں صبر سے لبریز فرما اور ہمارے قدموں کو ثابت قدم رکھ اور ہمیں کافروں کی جماعت پر غلبہ دے۔(۲۵۰) پھر انہوں نے اللہ کے اذن سے دشمن کی فوج کو شکست دے دی اور داود نے جالوت کو قتل کردیا ،اللہ نے داود کو حکومت اور حکمت دی اور جو کچھ چاہا اسے تعلیم دیا اور اگر اللہ لوگوں سے بعض کو بعض دوسروں کے ذریعہ دور نہ کرے تو حتمی طور پر زمین کو فساد گھیرے میں لے لے لیکن اللہ عالمین پر کرم کرنے والا ہے۔(۲۵۱) یہ سب اللہ کی آیات ہیں جنہیں ہم حق کی بنیاد پر تیرے اوپر تلاوت کرتے ہیں، یقیناً آپ رسولوں میں سے ہیں۔(۲۵۲)۔
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۴۹:

اس آیت میں بنی اسرائیل کے ایک بڑے گروہ کی خبر دی گئی ہے جو پانی نہ پینے اور پیاس کو برداشت کرنے کے امتحان میں کامیاب نہیں ہوئے۔ لیکن اس باقی ماندہ گروہ کا ایک اور امتحان تھا جو کہ روحانی اور معنوی امتحان تھا اور وہ یہ کہ جب انہوں نے جالوت کی کمانڈ میں بڑے لشکر کو دیکھا تو کہہ اٹھے کہ ہمارے سپاہیوں کی تعداد تو اتنی نہیں کہ اس بڑے لشکر کا مقابلہ کرسکیں، ہماری تعداد تھوڑی ہے۔ لیکن ان میں سے جن کا اللہ اور روز قیامت پر پختہ ایمان تھا انہوں نے کہا کہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے کیونکہ بعض دفعہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے اذن سے تھوڑی تعداد زیادہ تعداد پر غالب آجاتی ہے۔ بعض دفعہ کامیابی کے لیے صرف ایک امتحان میں سرخرو ہونا کافی نہیں ہوتا بلکہ چند مراحل میں کامیاب ہونا ضروری ہوتا ہے۔ بعض افراد کچھ امتحانات میں تو کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن بعد والے مرحلے میں شکست کھا جاتے ہیں۔ اس واقعہ میں بیان ہوا ہے کہ بنی اسرائیل کےایک گروہ نے الٰہی رہبر کی قیادت کو اس لیے قبول نہ کیا کہ وہ مالدار نہ تھا، ایک جماعت نے اسے قبول تو کیا لیکن پانی نہ پینے کے امتحان میں اس کی پیروی نہ کر کے شکست کھا لی اور ایک جماعت دشمن کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے گھبرا گئے اور شکست کھا گئے۔ امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: آخر تک طالوت کا ساتھ دینے والے لوگوں کی تعداد ۳۱۳ تھی۔ جن لوگوں کے پاس لوگوں کا مال یا سرکاری اموال آجاتے ہیں اور وہ زہد و کرامت اپناتے ہوئے ان اموال کو ناجائز طریقے سے جمع کرنے سے اجتناب کرتے ہیں، انہیں حرص اور لالچ آلودہ نہیں کرتا وہ (حزب اللہ) اللہ کی جماعت ہیں لیکن جو لوگ ناجائز طریقہ سے ان اموال کو اکھٹا کر کے اپنے دامن کو آلودہ کرتے ہیں وہ حقیقی مومن نہیں ہیں(فَمَنۡ شَرِبَ مِنۡہُ فَلَیۡسَ مِنِّیۡ ۚ وَ مَنۡ لَّمۡ یَطۡعَمۡہُ فَاِنَّہٗ مِنِّیۡۤ)۔ امتحان اور آزمائش کے راستوں میں سے ایک یہ ہے کہ بعض دفعہ انسان کو وقتی اور عارضی چیزوں سے روکا جاتا ہے، لہذا آرام طلبی اور دباؤ، سختیوں اور مشکلات کو برداشت نہ کرنا اور گھبرا جانا مسلح جدوجہد سے مطابقت نہیں رکھتا (اِنَّ اللّٰہَ مُبۡتَلِیۡکُمۡ بِنَہَرٍ)۔ دشمن سے مقابلہ کرنے کے لیے میدان میں اترنے سے پہلے پریکٹس اور مشق کرنا ضروری ہے (مُبۡتَلِیۡکُمۡ بِنَہَرٍ)۔ کمانڈر کے آگے تسلیم ہونا کامیابی کا زینہ ہے (مَنۡ لَّمۡ یَطۡعَمۡہُ فَاِنَّہٗ مِنِّیۡۤ)۔ ضروریات زندگی کا معاملہ، عیش و آرام کے وسائل سے الگ ہے(اِلَّا مَنِ اغۡتَرَفَ غُرۡفَۃًۢ بِیَدِہٖ)۔ امتحان کے میدان سے کامیاب ہوکر باہر نکلنے والوں کی تعداد بہت کم ہوتی ہے (اِلَّا قَلِیۡلًا مِّنۡہُمۡ)۔ انقلابی ہونا اتنا اہم نہیں جتنا انقلابی باقی رہنا اہم ہے، اس ماجرا میں نعرہ لگانے والے بہت تھے لیکن جو امتحانات میں کامیاب ہوئے وہ تھوڑے تھے (مُلٰقُوا اللّٰہِ)۔ معاد پر ایمان اور الٰہی وعدوں کے پورا ہونے پر یقین، سختیوں اور مشکلات میں قیام کرنے کا محرک بنتا ہے (مُلٰقُوا اللّٰہِ)۔ ایمان کے درجات ہیں۔ اگرچہ طالوت کے ہمراہ لوگوں کی ایک جماعت ایسی تھی جو طالوت پر ایمان رکھتے تھے اور وہ پانی نہ پینے کے امتحان میں بھی کامیاب ہوئے (اٰمَنُوۡا مَعَہٗ)لیکن ہر مومن مجاہد نہیں ہوتا، صرف وہ مومنین مجاہد ہوتے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی ملاقات پر یقین رکھتے ہیں (یَظُنُّوۡنَ اَنَّہُمۡ مُّلٰقُوا اللّٰہِ)۔ اللہ تعالیٰ کے ارادہ کے سامنے دشمن کے لشکر کی تعداد اور اس کا جنگی سازو سامان کی کوئی حیثیت نہیں (کَمۡ مِّنۡ فِئَۃٍ قَلِیۡلَۃٍ غَلَبَتۡ فِئَۃً کَثِیۡرَۃًۢ بِاِذۡنِ اللّٰہِ۔۔۔)۔ مخلص مومن کامیانی کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے جانتا ہے (بِاِذۡنِ اللّٰہِ)۔ اگر مسلمان صابر اور استقامت کرنے والے ہوں تو انہیں دشمن کے لشکر کی تعداد سے نہیں گھبرانا چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ صابروں کے ساتھ ہے (وَ اللّٰہُ مَعَ الصّٰبِرِیۡنَ)۔

آیت ۲۵۰:

ہر حالت میں خاص کر جنگ کے محاذ پر جدوجہد کے ساتھ ساتھ دعا بھی ضروری ہے لیکن جدوجہد کے بغیر دعا کا کوئی فائدہ نہیں (بَرَزُوۡا لِجَالُوۡتَ۔۔۔رَبَّنَاۤ اَفۡرِغۡ۔۔۔)۔ صبر اور کامیابی ایک دوسرے کے لازم و ملزوم ہیں، صبر کے نتیجہ میں فتح حاصل ہوتی ہے (صَبۡرًا ۔۔۔ وَ انۡصُرۡنَا)۔ اپنی دعاؤں کا آغاز (رَبَّنَاۤ )سے کرو (رَبَّنَاۤ اَفۡرِغۡ)۔ سختیوں اور مشکلات میں انسان کو صبر کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے (اَفۡرِغۡ)بہت زیادہ اتارنے کے معنی میں ہے، (صبر) کا لفظ نکرہ کی صورت میں آیا ہے جو کثرت (بہت زیادہ صبر) کے معنی میں ہے۔ امتحان کے میدان سے کامیاب ہو کر باہر نکلنا آپ کو مغرور نہ بنا دے، انسان کو کامیابی کے بعد بھی اللہ تعالیٰ سے دعا مانگنا چاہیے (ثَبِّتۡ اَقۡدَامَنَا)۔ انسان کی ذمہ داری تلاش و کوشش اور جدوجہد کرنا ہے، کامیابی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے (رَبَّنَاۤ ۔۔۔ انۡصُرۡنَا)۔ جنگ میں فتح حاصل کرنا اس وقت قابل قدر ہے جب مجاہدین کا مقصد حق کو باطل پر غلبہ دینا ہو نہ کہ ایک گروہ کا دوسرے گروہ پر غلبہ پانا (انۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔

آیت ۲۵۱:

احادیث میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ ایک نیک و صالح مسلمان کی وجہ سے اس کے ہمسایوں سے ایک لاکھ گھروں سے مصیبت کو ٹال دیتا ہے۔پھر آنحضرتﷺ نے اس آیت کی تلاوت فرمائی (وَ لَوۡ لَا دَفۡعُ اللّٰہِ النَّاسَ۔۔۔)۔ گذشتہ آیات پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ کامیابی کے درج ذیل اسباب ہیں: باصلاحیت اور توانا رہبر اور کمانڈر(وَ زَادَہٗ بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ)۔ با ایمان پیروکار(قَالَ الَّذِیۡنَ یَظُنُّوۡنَ اَنَّہُمۡ مُّلٰقُوا اللّٰہِ)۔ اللہ تعالیٰ پر توکل اور اسی پر بھروسہ(کَمۡ مِّنۡ فِئَۃٍ قَلِیۡلَۃٍ غَلَبَتۡ فِئَۃً کَثِیۡرَۃًۢ بِاِذۡنِ اللّٰہِ)۔ صبر اور ثابت قدمی (رَبَّنَاۤ اَفۡرِغۡ عَلَیۡنَا صَبۡرًا وَّ ثَبِّتۡ اَقۡدَامَنَا)۔ اللہ تعالیٰ کی رضا مطلوب ہو (انۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔ اگرچہ انہوں نے سعی وکوشش، محنت اور جدوجہد کی تھی لیکن ان کی کامیانی اور دشمن کی شکست اللہ تعالیٰ کی جانب سے تھی(فَہَزَمُوۡہُمۡ بِاِذۡنِ اللّٰہِ)۔ مجاہدین کی خالصانہ دعائیں قبول ہوتی ہیں (وَ انۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ۔۔۔ فَہَزَمُوۡہُمۡ بِاِذۡنِ اللّٰہِ)۔ جب تک قابلیت، آمادگی اور درخشاں ماضی نہ ہو تو خاص الٰہی لطف و مہربانی نہیں ملتی (وَ قَتَلَ دَاوٗدُ جَالُوۡتَ وَ اٰتٰىہُ اللّٰہُ الۡمُلۡکَ وَ الۡحِکۡمَۃَ)۔ جنگ کے محاذ میں بندوق کا نشانہ دشمن کے کمانڈر کی جانب باندھا جائے (وَ قَتَلَ دَاوٗدُ جَالُوۡتَ) کیونکہ کمانڈر کی شکست سے پوری فوج ڈھیر ہوجاتی ہے۔ میدانِ جنگ میں بہادری کے کارنامے دکھانے والے لوگوں کی یاد کو زندہ رکھا جائے(قَتَلَ دَاوٗدُ)۔ کافر لشکرکے رہبر کی ہلاکت اس کی پوری فوج کے تتر بتر ہونے کا سبب بنتی ہے (فَہَزَمُوۡہُمۡ۔۔۔قَتَلَ دَاوٗدُ جَالُوۡتَ)۔ زیادتی کرنے والے ظالم کو ظلم کرنے سے نہ روکا گیا تو پوری زمین میں فساد پھیل جائے (وَ لَوۡ لَا دَفۡعُ اللّٰہِ النَّاسَ۔۔۔لَفَسَدَتِ الۡاَرۡضُ)۔ فسادیوں کے خلاف جنگ ایک ضرورت ہے، اگر نقصان دہ عنصر کو نکال باہر نہ کیا جائے تو وہ دوسرے عناصر کو بھی نقصان پہنچائے گا (وَ لَوۡ لَا دَفۡعُ اللّٰہِ النَّاسَ۔۔۔لَفَسَدَتِ الۡاَرۡضُ)۔ اللہ کا ارادہ اور اس کا فضل، قدرتی اسباب کے ذریعہ پورا ہوتا ہے(دَفۡعُ اللّٰہِ۔۔۔بَعۡضَہُمۡ بِبَعۡضٍ)۔ جہاد اور ظالم کے مقابلے میں دفاع کا حکم الٰہی فضل ہے (اللّٰہَ ذُوۡ فَضۡلٍ عَلَی الۡعٰلَمِیۡنَ)۔

آیت ۲۵۲:

یہ آیت قرآن مجید کے دوسرے پارے کا اختتام ہے۔ جس میں گذشتہ آیات میں بیان شدہ حوادث اور داستانوں سے درس عبرت لینے کا تذکرہ ہوا ہے۔ ہزاروں لوگوں کا ایک لمحہ میں مرجانا اور پھر پیغمبر کی دعا سے ان سب کا ایک لمحہ میں زندہ ہوجانا، ایک غریب اور گمنام چرواہے کو اس کی علمی اور جسمانی صلاحیتوں کی وجہ سے قائد اور رہبر بنا دینا، میدان جنگ میں ایک نوجوان کی بہادری اور دشمن کے کمانڈر کو نشانہ بنانا اور اسے نبوت کا منصب دیا جانا یہ سب الٰہی آیات اور پیغمبر اسلامﷺ کی رسالت اور ان کی صداقت کے جلوے ہیں۔
اوپر تک سکرول کریں۔