تلاوت قرآن

سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 1 تا 5
بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
الٓمٓ ١ ذَٰلِكَ ٱلۡكِتَٰبُ لَا رَيۡبَۛ فِيهِۛ هُدٗى لِّلۡمُتَّقِينَ ٢ ٱلَّذِينَ يُؤۡمِنُونَ بِٱلۡغَيۡبِ وَيُقِيمُونَ ٱلصَّلَوٰةَ وَمِمَّا رَزَقۡنَٰهُمۡ يُنفِقُونَ ٣ وَٱلَّذِينَ يُؤۡمِنُونَ بِمَآ أُنزِلَ إِلَيۡكَ وَمَآ أُنزِلَ مِن قَبۡلِكَ وَبِٱلۡأٓخِرَةِ هُمۡ يُوقِنُونَ ٤ أُوْلَٰٓئِكَ عَلَىٰ هُدٗى مِّن رَّبِّهِمۡۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡمُفۡلِحُونَ ٥
ترجمہ
اللہ کے نام سے جو بخشنے والا مہربان ہے
الف، لام، میم۔(۱) یہ (عظیم الشان) کتاب، جس (کی حقانیت )بارے کسی قسم کے شک و شبہ کی گنجائش نہیں، پرہیزگاروں کے لیے ہدایت ہے۔(۲) (پرہیزگار وہ ہیں) جن کا غیب پر ایمان ہے، نماز قائم کرتے ہیں اور ہم نے انہیں جو رزق دیا ہے اس سے خرچ کرتے ہیں۔(۳) اور وہ لوگ جو کچھ تیرے اوپر اتارا گیا ہے اور جو کچھ تجھ سے پہلے (پیغمبروں پر) اتارا گیا ہے اس پر ایمان رکھتے ہیں اور انہیں آخرت کے بارے میں بھی یقین ہے۔(۴) صرف یہی لوگ ہیں جو اپنے رب کی طرف سے ہدایت یافتہ ہیں اور یہی لوگ کامیاب ہیں۔(۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

تعارف سورہ:

سورہ بقرہ مدینہ میں نازل ہوا اور قرآن کا سب سے بڑا سورہ ہے۔ اس کے نام کی وجہ اس سورہ میں مذکور بنی اسرائیل کی گائے کا ماجرا ہے جو آیت ۶۷ سے آیت ۷۳میں بیان ہوا ہے۔ اسی ماجرا کی مناسبت سے اس سورہ کا نام بقرہ ہے۔ اس سورہ میں مختلف مطالب بیان ہوئے ہیں جن کا تعلق عقائد، فقہی مسائل اور عبادات سے ہے۔ اس سورہ میں وحی اور قرآن مجید کے معجزہ ہونے کے بارے بھی بیان موجود ہے۔ اجتماعی اور معاشرتی مسائل بھی بیان ہوئے ہیں جن میں انفاق، احسان اور نیکی، دشمنوں کے خلاف جنگ و جہاد، قصاص و دیت کا قانون جیسے مطالب شامل ہیں۔ اس سورہ میں آیت الکرسی اور آیت دَین’’قرضہ‘‘ موجود ہے جو قرآن مجید کی سب سے بڑی آیت ہے۔ نیز قبلہ کی تبدیلی کا مسئلہ، اللہ تعالیٰ کے حکم سے متعلق بنی اسرائیل کی بہانہ تراشیاں، حضرت آدم علیہ السلام کی خلقت، ابلیس کی نافرمانی، بعض پیغمبروں کے تاریخی واقعات جیسے حضرت آدم علیہ السلام، حضرت ابراہیم علیہ السلام اورحضرت موسیٰ علیہ السلام کا ذکر ہوا ہے۔ ہاروت و ماروت، طالوت اور جالوت کے متعلق بھی بیان موجود ہے۔

آیت ۱:

بعض سوروں کے آغاز میں موجود حروف مقطعات کے معانی بارے مختلف اقوال ہیں: ۱۔ قرآن معجزہ ہے جو انہی حروف تہجی سے تشکیل پایا ہے جو حروف سب کے استعمال میں ہیں،اگر تم سے ہو سکتا ہے تو ان حروف سے معجزہ نما کلام تیار کر کے لے آؤ۔ ۲۔ یہ حروف اللہ تعالیٰ کے اسم اعظم کی طرف اشارہ ہیں۔ ۳۔ یہ حروف ایک طرح کی قسم ’’اللہ کی قسم‘‘ہے۔ ۴۔ یہ حروف اللہ تعالیٰ اور پیغمبراکرمﷺ کے درمیان اسرار اور رموز’’کوڈ ورڈ‘‘ ہیں۔ بعض احادیث میں ہے کہ یہ ایسے رموز ہیں جن کے بارے اللہ تعالیٰ کے سواء کسی کو علم نہیں۔ ان میں سے بہترین قول پہلا قول ہے کیونکہ قرآن مجید کے ۱۱۴ سوروں میں سے ۲۹ سوروں کا آغاز حروف مقطعات سے ہوا ہے اور ان میں سے ۲۴ سوروں میں ان حروف کے بعد قرآن مجید کے معجزہ ہونے کی بات کی گئی ہے۔ جیسا کہ سورہ بقرہ میں (الٓـمّٓ )کے بعد آیا ہے (ذٰلِکَ الۡکِتٰبُ لَا رَیۡبَ ۚۖۛ فِیۡہِ)؛ سورہ شوریٰ میں (حٰمٓ، عٓسٓقٓ ) کے بعد فرمایا:(کَذٰلِکَ یُوۡحِیۡۤ اِلَیۡکَ وَ اِلَی الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبۡلِکَ ۙاللّٰہُ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ) اللہ عزیز و حکیم اس طرح تیرے اوپر اور تجھ سے پہلے پیغمبروں پر وحی نازل کرتا ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ کی وحی ان ہی حروف سے ترکیب پانے والی عبارات پر مشتمل ہے، وہ حروف جو انسان کی دسترس میں ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان ہی حروف سے ایسی کتاب تیار کر کے وحی کرتا ہے جو معجزہ ہے۔ جس طرح اللہ تعالیٰ مٹی سے سینکڑوں قسم کے میوہ جات، پھل، پھول، گھاس، جڑی بوٹیاں، درخت، نباتات نکالتا ہے اور انسان کو خلق کرتا ہے لیکن انسان کے ہنر کی آخری حد یہی ہے کہ وہ اس مٹی سے اینٹ، گارا، عمارت اور مٹی کے برتن ہی بنا سکتا ہے۔

آیت ۲:

قرآن مجید کا ہدف لوگوں کی ہدایت کرنا ہے۔ اس میں آسمان و زمین کی حقیقت، نباتات، جمادات، حیوانات کا تذکرہ اس لیے کیا گیا ہے کہ لوگوں کی توجہ اللہ تعالیٰ کی قدرت،حکمت اور علم کی طرف مبذول کرائی جائے، تاکہ یہ انسانوں کے لیے اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے اور ان کی ہدایت کا وسیلہ بنے۔ قرآن مجید تمام انسانوں کے لیے ہدایت کا وسیلہ ہے (ہُدًی لِلنَّاس)’’بقرہ، ۱۸۵‘‘لیکن اس سے صرف وہی افراد فائدہ اٹھاتے ہیں جو حق کے سامنے تسلیم ہوں جیسے سورج کا نور تو ہر شئے پر پڑتا ہے اور ہر شئے تک سورج کی شعائیں پہنچ رہی ہوتی ہیں، سورج کی شعائیں اور روشنی شیشہ سے تو عبور ر کرتی ہیں لیکن اینٹ اور گارے کے ڈھیلے سے عبور نہیں کرتیں، اس کے اوپر سے گزر جاتی ہیں، اسی طرح سنگدل افراد سے ہدایت کا نور اوپر سے گزر جاتا ہے اور ان کے دل پر اثر نہیں کرتا اور وہ ہدایت کی روشنی سے محروم رہتے ہیں۔ (لَا رَیۡبَ فِیۡہِ) سے مراد یہ نہیں کہ قرآن مجید بارے کسی نے شک نہیں کیا یا کوئی اس میں شک نہیں کرتا بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ قرآن مجید کی حقانیت اتنی واضح ہے کہ اس میں شک کی گنجائش نہیں، اگر کوئی شک کرتا ہے تو اس کے عقل و فہم کا قصور اور دل کا اندھا پن ہے۔ جیسا کہ سورہ نمل کی آیت ۶۶ میں ہے (بَلۡ ہُمۡ فِیۡ شَکٍّ مِّنۡہَا ۫۟ بَلۡ ہُمۡ مِّنۡہَا عَمُوۡنَ)۔ فقط پاکیزہ دل افراد ہی اللہ تعالیٰ سے پروا کرنے والے، اللہ تعالیٰ کی ناراضگی اور اس کے غضب سے خوفزدہ ہیں اور خود کو ہلاکت سے بچانے والے ہیں، قرآن مجید سے ہدایت حاصل کرتے ہیں (ہُدًی لِّلۡمُتَّقِیۡنَ)۔ ’’جس طرح ڈاکٹر کے تجویز کردہ دوائیوں پر مشتمل نسخہ سے وہی فائدہ اٹھاتا ہے جو ان دوائیوں کو ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق استعمال کرتا ہے۔ فقط ڈاکٹر کے نسخہ کو سنبھال کر رکھنا یا دوائیاں لے کر انہیں استعمال نہ کرنے سے مریض کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ اسی طرح قرآن مجید کو اپنے پاس رکھنا اور اس کی تلاوت کرنا انسان کی روحانی بیماریوں کا علاج نہیں اور نہ ہی انسان اس طرح ہدایت پا سکتا ہے بلکہ وہ انسان قرآن مجید سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جو اس میں انسان کی سعادت کے لیے بیان کردہ اصولوں اور بیانات پر عمل کرے اور اس کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارے۔مترجم‘‘

آیت ۳:

قرآن مجید نے موجودات کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے: ۱۔ عالم غیب، ۲۔ عالم شہود۔ عالم غیب کا اطلاق اللہ تعالیٰ، فرشتوں، قیامت برزخ، قبر میں رہنے کا زمانہ، حضرت امام مہدی علیہ السلام کی غیبت کا زمانہ، روح اور ان جیسے امور پر ہوتا ہے۔ جبکہ عالم شہود سے مراد ہر وہ شئے ہے جسے حواس کے ذریعہ دیکھا، چھوا، سنا اور سونگھا جا سکتا ہے، دوسرے لفظوں میں جو شئے ہمارے سامنے ہے وہ شہود ہے اور جو ہمارے سامنے نہیں اسے غیب کہا جاتا ہے۔ متقین کا وصف ان پر بولا جاتا ہے جن کا پوری ہستی اور کائنات پر ایمان ہے، عالم غیب و شہود دونوں کو قبول کرتے ہیں، ہستی اور وجود کے قائل ہیں جبکہ کچھ انسان ایسے ہیں جو صرف اسی کو مانتے اور قبول کرتے ہیں جسے محسوس کرتے ہیں، وہ محسوسات کو قبول کرتے ہیں اور جو امور محسوس نہیں انہیں رد کردیتے ہیں۔ وہ یہ توقع رکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کو بھی اپنے حواس سے جان سکیں، ان کی نظروں کے سامنے ہو جیسا کہ بنی اسرائیل کے کچھ افراد نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے عرض کیا (لَنۡ نُّؤۡمِنَ لَکَ حَتّٰی نَرَی اللّٰہَ جَہۡرَۃً)’’بقرہ، ۵۵‘‘ ہم بالکل آپ پر ایمان نہیں لائیں گے مگر یہ کہ اللہ کو ظاہر بظاہر دیکھیں۔ یہ لوگ قیامت کے بارے میں بھی کہتے ہیں: (مَا ہِیَ اِلَّا حَیَاتُنَا الدُّنۡیَا نَمُوۡتُ وَ نَحۡیَا وَ مَا یُہۡلِکُنَاۤ اِلَّا الدَّہۡرُ)’’جاثیہ، ۲۴‘‘ زندگی تو بس یہی دنیاوی زندگی ہے، اس کے علاوہ کوئی اور عالم ’’جہاں‘‘نہیں ہے کہ ہم مرجائیں اور پھر زندہ ہوں، ایسا نہیں ہے۔ یہ دھر ’’زمانہ‘‘ ہی ہے جس سے ہم جدا ہوجائیں گے۔ ایسے انسانوں کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ ابھی تک وہ حیوانیت سے نہیں نکلے جو یہ کہتے ہیں کہ وہی چیز حقیقت رکھتی ہے جسے ہم حواس سے درک کرسکتے ہیں، جو چیز ہمارے حواس میں نہ آئے وہ حقیقت نہیں۔ ایمان عمل سے جدا نہیں، غیب پر ایمان لانے کے ساتھ عملی فرائض اور ذمہ داریوں کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے (یُؤۡمِنُوۡنَ،یُقِیۡمُوۡنَ،یُنۡفِقُوۡنَ)۔ نماز مسلسل ادا کی جاتی ہے، یہ ایسا عمل نہیں جو کسی خاص وقت میں انجام دیا جائے، کچھ ایام میں نماز پڑھی جائے اور کچھ دنوں میں اسے چھوڑ دیا جائے، اسی لیے اس آیت میں فعل مضارع کو لایا گیا ہے جو استمرار اور تسلسل کا معنی دیتا ہے (یُقِیۡمُوۡنَ الصَّلٰوۃَ)مومنین مسلسل اور ہمیشہ نماز قائم کرتے ہیں۔ انفاق میں میانہ روی کا حکم دیا گیا ہے (مِمَّا رَزَقۡنٰہُمۡ یُنۡفِقُوۡنَ)اس آیت میں (مِمَّا) کا لفظ استعمال ہوا ہے، یعنی جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے اس سے کچھ مقدار کو خرچ کرتے ہیں۔ ’’اپنے مال کا کچھ حصہ دوسروں کو دیتے ہیں، زکات، خمس، کفارات، عطیات اور دیگر انفاقات کے عناوین سے‘‘ جو کچھ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عطا کیا ہے ’’علم، عنوان، حیثیت، مقام، عہدہ، مال، قدرت، اختیار، حکومت اور اس طرح کے دیگر امتیازات جو انسان کو معاشرہ میں حاصل ہوتے ہیں‘‘ ان سب سے انفاق کرتے ہیں، انفاق کرنا مومن کی شان ہے۔

آیت ۴:

انسان کی معرفت کے ذرائع فقط اس کے محسوسات اور معقولات ’’حس اور عقل‘‘ میں منحصر و محدود نہیں، بلکہ وحی بھی معرفت کا ایک اہم وسیلہ ہے کہ متقین اس پر بھی ایمان رکھتے ہیں۔ الٰہی رہنما کی رہنمائی کے بغیر انسان حیران و سرگردان ہوگا۔ پیغمبروں کی گفتار اور ان کا کردار انسان کی سعادت کے لیے بہترین ماڈل اور نمونہ ہے اور سعادت کے حصول کے لیے یہی امر ضروری بھی ہے۔ تمام انبیاء اور تمام آسمانی کتابوں پر ایمان لانا ضروری ہے۔ کیونکہ وہ سب ایک ہدف کی جانب دعوت دیتے ہیں (یُؤۡمِنُوۡنَ۔۔۔وَ مَاۤ اُنۡزِلَ مِنۡ قَبۡلِکَ)۔ پیغمبراسلامﷺ آخری نبی ہیں۔ قرآن مجید میں مختلف مقامات پر (مِنۡ قَبۡلِکَ)کی تعبیر استعمال ہوئی ہے جبکہ کہیں بھی (مِنۡ بَعدِکَ) کی تعبیر استعمال نہیں ہوئی ہے، یہ آنحضرتﷺ کی خاتمیت کی دلیل ہے۔

آیت ۵:

متقین جن کا غیب پر ایمان ہے جو نماز قائم کرتے ہیں، انفاق کرتے ہیں اور آخرت پر یقین رکھتے ہیں ان کا اجر کامیابی ہے، ان کے لیے فلاح ہے۔ فلاح و کامیابی سعادت کا بلند ترین مقام ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے کائنات کے تمام موجودات کو انسان کے لیے خلق فرمایا ہے (خَلَقَ لَکُمۡ مَّا فِی الۡاَرۡضِ جَمِیۡعًا)’’بقرہ، ۲۹‘‘ اور انسان کو عبادت کے لیے خلق کیا ہے(وَ مَا خَلَقۡتُ الۡجِنَّ وَ الۡاِنۡسَ اِلَّا لِیَعۡبُدُوۡنِ)’’ذاریات، ۵۶‘‘ اور عبادت کو تقویٰ حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا (اعۡبُدُوۡا رَبَّکُمُ۔۔۔لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ)’’بقرہ، ۲۱‘‘ اور تقویٰ فلاح و کامیابی کے لیے ہے(فَاتَّقُوا اللّٰہَ یٰۤاُولِی الۡاَلۡبَابِ لَعَلَّکُمۡ تُفۡلِحُوۡنَ)’’مائدہ، ۱۰۰‘‘۔ فلاح و کامیابی سعی و کوشش کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتی، اس کے شرائط اور ضوابط ہیں، قرآن مجید میں اس بارے درج ذیل امور بیان ہوئے ہیں: ۱۔ فلاح و کامیابی کے لیے تزکیہ نفس ضرروی ہے (قَدۡ اَفۡلَحَ مَنۡ زَکّٰىہَا)’’شمس، ۹‘‘۔ ۲۔ فلاح و کامیابی کے لیے جہاد ضروری ہے (جَاہِدُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِہٖ لَعَلَّکُمۡ تُفۡلِحُوۡنَ)’’مائدہ، ۳۵‘‘۔ ۳۔ فلاح و کامیابی کے لیے نماز میں خشوع و خضوع، لغویات سے دوری، زکات کی ادائیگی، پاکدامنی، امانتداری، عہد و پیمان کو پورا کرنا اور باقاعدگی کے ساتھ نماز کی ادائیگی ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حقیقی مومنوں کے لیے خصوصی ہدایت کی ضمانت دی ہے (ہُدًی مِّنۡ رَّبِّہِمۡ)۔ ایمان اور تقویٰ انسان کو فلاح و کامیابی تک پہنچاتے ہیں (لِلۡمُتَّقِیۡنَ، یُؤۡمِنُوۡنَ،الۡمُفۡلِحُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 6 تا 16
إِنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ سَوَآءٌ عَلَيۡهِمۡ ءَأَنذَرۡتَههُمۡ أَمۡ لَمۡ تُنذِرۡهُمۡ لَا يُؤۡمِنُونَ ٦ خَتَمَ ٱللَّهُ عَلَىٰ قُلُوبِهِمۡ وَعَلَىٰ سَمۡعِهِمۡۖ وَعَلَىٰٓ أَبۡصَٰرِهِمۡ غِشَٰوَةٞۖ وَلَهُمۡ عَذَابٌ عَظِيمٞ ٧ وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يَقُولُ ءَامَنَّا بِٱللَّهِ وَبِٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِ وَموَمَا هُم بِمُؤۡمِنِينَ ٨ يُخَٰدِعُونَ ٱللَّهَ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَمَا يَخۡدَعُونَ إِلَّآ أَنفُسَهُمۡ وَمَا يَشۡعُرُونَ ٩ فِي قُلُوبِهِم مَّرَضٞ فَزَادَهُمُ ٱللَّهُ مَرَضٗاۖ وَلَهُمۡ عَذَابٌ أَلِيمُۢ بِمَا كَانُواْ يَكۡذِبُونَ ١٠ وَإِذَا قِيلَ لَهُمۡ لَا تُفۡسِدُواْ فِي ٱلۡأَرۡضِ قَالُوٓاْ إِنَّمَا نَحۡنُ مُصۡلِحُونَ ١١ أَلَآ إِنَّهُمۡ هُمُ ٱلۡمُفۡسِدُونَ وَلَٰكِن لَّا يَشۡعُرُونَ ١٢ وَإِذَا قِيلَ لَهُمۡ ءَامِنُواْ كَمَآ ءَامَنَ ٱلنَّاسُ قَالُوٓاْ أَنُؤۡمِنُ كَمَآ ءَامَنَ ٱلسُّفَهَآءُۗ أَلَآ إِنَّهُمۡ هُمُ ٱلسُّفَهَآءُ وَلَٰكِن لَّا يَعۡلَمُونَ ١٣ وَإِذَا لَقُواْ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ قَالُوٓاْ ءَامَنَّا وَإِذَا خَلَوۡاْ إِلَىٰ شَيَٰطِينِهِمۡ قَالُوٓاْ إِنَّا مَعَكُمۡ إِنَّمَا نَحۡنُ مُسۡتَهۡزِءُونَ ١٤ ٱللَّهُ يَسۡتَهۡزِئُ بِهِمۡ وَيَمُدُّهُمۡ فِي طُغۡيَٰنِهِمۡ يَعۡمَهُونَ ١٥ أُوْلَٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ ٱشۡتَرَوُاْ ٱلضَّلَٰلَةَ بِٱلۡهُدَىٰ فَمَا رَبِحَت تِّجَٰرَتُهُمۡ وَمَا كَانُواْ مُهۡتَدِينَ ١٦
ترجمہ
جن لوگوں نے کفراختیار کیا ہے ان کے لیے آپ کا ڈرانا اور نہ ڈرانا یکساں ہے، وہ ایمان نہیں لائیں گے۔(۶) اللہ نے ان کے دلوں پر اور ان کے کانوں پر مہر لگادی ہے، ان کی آنکھوں کے سامنے پردہ ہے، بڑا عذاب ان کے لیے آمادہ ہے۔(۷) انسانوں کا ایک گروہ ایسا ہے جو کہتے ہیں کہ ہم اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان لے آئے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ (دل سے) ایمان نہیں لائے۔(۸) وہ (اس بیان سے) اللہ اور مومنوں کو دھوکہ دیتے ہیں جبکہ وہ اس طرح اپنے سوا کسی کو دھوکہ نہیں دیتے لیکن وہ اس بات کو سمجھ نہیں رہے۔(۹) ان کے دلوں میں ایک قسم کی بیماری ہے، اللہ نے ان کی بیماری کو بڑھا دیا ہے، اس جھوٹ اور تہمتوں کی وجہ سے جن کے وہ مرتکب ہوئے، ان کے لیے دردناک عذاب تیار ہے۔ (۱۰) جب ان سے کہا جاتا ہے کہ تم زمین میں فتنہ فساد نہ کرو تو وہ کہتے ہیں کہ ہم تو صرف اصلاح کرنے والے ہیں۔(۱۱) تم سب اس بات سے آگاہ رہو کہ یہی لوگ ہی اصلی فسادی ہیں لیکن وہ سمجھتے نہیں۔(۱۲) اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ تم بھی اسی طرح ایمان لے آؤ جس طرح دوسرے لوگ ایمان لے آئے ہیں تو وہ کہتے ہیں: کیا ہم بھی اسی طرح ایمان لے آئیں جس طرح بے وقوف اور سادہ قسم کے لوگ ایمان لے آئے ہیں؟ آگاہ رہو خود یہی لوگ بے وقوف اور ناسمجھ ہیں لیکن وہ اسے نہیں جانتے۔(۱۳) جب وہ ایمان لانے والوں سے ملاقات کرتے ہیں تو ان سے کہتے ہیں کہ ہم بھی تمہاری طرح ایمان لاچکے ہیں لیکن جب وہ اپنے ہم خیال شیطان صفت افراد سے ملاقات کرتے ہیں تو کہتے ہیں: ہم تو تمہارے ساتھ ہیں، ہم تو ایمان لانے والوں سے ٹھٹھ مذاق کرتے ہیں۔(۱۴) اللہ ان سے استہزاء کا رویہ اپناتا ہے اور انہیں سرکشی اور گمراہی میں موجود رہنے میں مہلت دیتا ہے تاکہ وہ سرگردان رہیں۔(۱۵) یہ کیسے لوگ ہیں جنہوں نے ہدایت کے سرمایہ کو دے کر اس کے بدلے گمراہی خریدی ہے، ان کی یہ خرید و فروخت انہیں فائدہ نہ دے گی اور وہ ہدایت یافتہ گان میں شامل نہ ہوئے۔(۱۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۶:

’’کفر ‘‘چھپانے اور نظر انداز کرنے کے معنی میں ہے۔ کفران نعمت کا معنی بھی یہی ہے کہ نعمت کو نظر انداز کیا جائے۔ جو شخص دین کا انکاری ہے تو اس انکار سے دینی حقائق اور الٰہی آیات کو چھپاتا ہے، ان امور کو نظر انداز کرتا ہے اور انہیں اہمیت نہیں دیتا، اس وجہ سے اسے کافر کہا جاتا ہے۔ قرآن مجید مومنوں کا تعارف کروانے کے بعد کافروں کا تعارف کروا رہا ہے کہ وہ ایسے افراد ہیں جو الٰہی آیات کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں، پیغمبروں کی دعوت کے سامنے قیل و قال اور بہانے تراشیاں کرتے ہیں۔ ان کی یہ حالت ہے کہ وہ حق کی دعوت دینے والے پیغمبر سے یہ کہہ رہے ہوتے ہیں (سَوَآءٌ عَلَیۡنَاۤ اَوَ عَظۡتَ اَمۡ لَمۡ تَکُنۡ مِّنَ الۡوٰعِظِیۡنَ)’’شعراء، ۱۳۶‘‘ تیرا وعظ و نصیحت کرنا اور نہ کرنا ہمارے لیے برابر ہے، اس کا ہم پر کچھ فرق نہیں پڑے گا۔ اگر انسان کے اندر حق کو قبول کرنے کی صلاحیت نہ ہو اور وہ حق کو تسلیم کرنے پر آمادہ نہ ہو تو انبیاء کی دعوت بھی مؤثر نہیں ہوتی۔ جاہلانہ تعصب انسان کو جمادات جیسا بنا دیتا ہے (سَوَآءٌ عَلَیۡہِمۡ)۔ یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ سب لوگ ایمان لائیں گے (لَا یُؤۡمِنُوۡنَ)۔

آیت ۷:

اللہ تعالیٰ کافروں کے دلوں پر بدبختی کی مہر لگا دیتا ہے، ان کی ضد اور ہٹ دھرمی کی یہی سزا بنتی ہے (یَطۡبَعُ اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ قَلۡبِ مُتَکَبِّرٍ جَبَّارٍ)’’غافر، ۳۵‘‘ اللہ تعالیٰ ہر مغرور، متکبر اور ظلم و ستم کرنے والے کے دل پر مہر لگا دیتا ہے۔ قرآن مجید میں دل ’’قلب‘‘سے روح اور تمام ادراکات اور سمجھنے کا مرکز مراد ہے۔ قرآن مجید میں تین قسم کے دل’’قلب‘‘ ذکر ہوئے ہیں: ۱۔ ایسا قلب جو اللہ تعالیٰ کے حضور تسلیم ہے۔ ۲۔ ایسا قلب جو رجوع کرنے والا اور اللہ کے حضور توبہ کرنے والا ہے۔ ۳۔ بیمار دل ’’قلب مریض‘‘ وہ قلب جو اللہ تعالیٰ کی یاد سے غافل ہے۔ اس میں قساوت و سختی ہے اور کچھ سمجھنے کے لیے آمادہ نہیں۔ کفر پر ڈٹ جانے کی وجہ سے انسان سے حقائق کو سمجھنے اور مطالب کو ادراک کرنے کی صلاحیت چھن جاتی ہے (الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا۔۔۔خَتَمَ اللّٰہُ)۔ اللہ تعالٰی کی طرف سے ملنے والی سزا انسان کے عمل کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے، جیسا عمل ویسی سزا (الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا۔۔۔خَتَمَ اللّٰہُ) جی ہاں! جو حق کو نہیں سمجھتا اور حقائق پر پردہ ڈالتا ہے تو اس کی سزا یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کی آنکھوں پر پردہ ڈال دے اور اس کے کان اور سوچ پر مہر لگا دے۔

آیت ۸:

اس سورہ کے آغاز میں چار آیات میں مومنوں کا تعارف کروایا گیا اور کافروں کی پہچان بارے دو آیات آئی ہیں اور آیت ۸ سے آیت ۲۰ تک تیسرے گروہ کا تعارف کروایا گیا ہے جو منافقین ہیں۔ منافقین نہ تو پہلے گروہ کی طرح ایمان رکھتے ہیں اور نہ ہی دوسرے گروہ کی طرح کفر کے اظہار کی جرائت رکھتے ہیں۔ منافق کی مثال جنگلی چوہے کی ہے کہ وہ اپنے لیے دو سوراخوں والا گھر بناتا ہے، ایک سے داخل ہوتا ہے اور دوسرے سے باہر نکل جاتا ہے’’یا ایک سوراخ سے اس کی آمد و رفت ہوتی ہے اور دوسرے کو بند رکھتا ہے‘‘ جیسے ہی وہ خطرہ محسوس کرتا ہے تو اس بند راستے کو کھولتا ہے اور وہاں سے نکل جاتا ہے۔ چوہے کے مخفی دروازے کو عربی زبان میں’’ نافقاء ‘‘کہتے ہیں۔ منافق کو اسی لفظ سے لیا گیا ہے۔ اگرچہ ان آیات میں منافقت سے دل میں کفر اور زبان پر ایمان کا اظہار کرنا مراد ہے لیکن احادیث میں منافقت کا وسیع معنی مراد لیا گیا ہے اور ہر وہ آدمی جس کی زبان اور عمل، گفتار و کردار میں مطابقت نہ ہو بلکہ ان کے درمیان تضاد پایا جائے وہ منافق کے مفہوم میں شامل ہے۔ اگر کوئی امانت میں خیانت کرے، گفتار میں جھوٹ بولے اور وعدہ خلافی کرے تو وہ منافقین سے ہوگا اگرچہ نمازی، روزہ دار اور زکات دینے والا ہی کیوں نہ ہو۔ ایمان ایک قلبی امر ہے، اس لیے صرف زبان سے اقرار کافی نہیں (وَ مَا ہُمۡ بِمُؤۡمِنِیۡنَ)۔ مبداء اور معاد’’ آغاز و انجام۔ خدا اور قیامت‘‘ پر ایمان لانا ضروری ہے (اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَ بِالۡیَوۡمِ الۡاٰخِرِ)۔

آیت ۹:

منافقوں کا اللہ تعالیٰ کو دھوکہ دینے سے یا تو اللہ تعالیٰ کے احکام اور اس کے دین کا مذاق اڑانا اور اسے کھیل تماشا قرار دینا مراد ہے یا اللہ تعالیٰ کے پیغمبر سے دھوکہ بازی مراد ہے۔ کیونکہ جس طرح رسول کی اطاعت اللہ تعالیٰ کی اطاعت ہے اسی طرح رسول کی نافرمانی اللہ تعالیٰ کی نافرمانی ہے اور رسول کو دھوکہ دینا اللہ تعالیٰ کو دھوکہ دینا ہے (مَنۡ یُّطِعِ الرَّسُوۡلَ فَقَدۡ اَطَاعَ اللّٰہَ) ’’ نساء، ۸۰‘‘۔ یہ واضح ہے کہ رسول کو دھوکہ دینا اللہ تعالیٰ کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے، اس قسم کی فریب کاری اور دھوکہ بازی دین سے کھلواڑ ہے اور حقیقت میں خود کو دھوکہ دینا ہے کیونکہ اگر ڈاکٹر مریض کو دواء استعمال کرنے کی تجویز دے اور مریض جھوٹ بول کر کہہ دے کہ میں نے تو دوائی استعمال کرلی ہے، وہ خیال کررہا ہوتا ہے کہ اس نے ڈاکٹر کو دھوکہ دیا ہے جبکہ حقیقت میں وہ خود کو دھوکہ دے رہا ہوتا ہے۔ منافق کے ساتھ اسلام کا رویہ ویسا ہی ہے جیسا اس کا اسلام کے ساتھ ہے۔ وہ ظاہری طور پر اسلام کا اظہار کرتا ہے تو اسلام بھی اسے ظاہری مسلمان قرار دیتا ہے کہ اس کے دل میں ایمان نہیں لیکن بروز قیامت اللہ تعالیٰ اسے کافروں کے ساتھ محشور کرے گا۔ حیلہ گری اور بہانہ تراشی منافقت ہے (یُخٰادِعُوۡنَ اللّٰہَ)۔ منافق ہمیشہ دوسروں کو نقصان پہنچانے کی فکر میں رہتا ہے(یُخٰادِعُوۡنَ)۔ دھوکہ اور مکاری، عقل و سمجھداری کی علامت نہیں (مَا یَشۡعُرُوۡنَ)۔

آیت ۱۰:

بعض دفعہ بیماری کا تعلق جسم سے ہوتا ہے جیسے سورہ بقرہ آیت ۱۸۵ میں ہے (مَنْ کَانَ مَرِیْضاً) کہ جس میں بیمار کے روزوں کے احکام بیان ہوئے ہیں اور بعض اوقات بیماری کا تعلق روح اور قلب سے ہوتا ہے جیسے اس آیت میں ہے (فِیۡ قُلُوۡبِہِمۡ مَّرَضٌ)۔ منافق کی مثال اس مردار جیسی ہے جسے اگر کسی تالاب میں پھینک دیا جائے تو اس کی گندی بو پورے تالاب کو گھیر لیتی ہے، اس تالاب میں جتنا پانی ڈالتے جائیں گے اس کی گندی بو میں اضافہ ہی ہوتا جائے گا، انسان کے اندر مردہ روح اور قلب بھی اسی طرح ہے کہ جو بھی حکم اللہ تعالیٰ کی طرف سے آتا ہے وہ اس کے سامنے تسلیم ہونے کی بجائے ریاکاری کرتا نظر آتا ہے، بظاہر قبول کررہا ہوتا ہے جبکہ باطن میں انکاری ہوتا ہے، وہ اس طرح منافقت میں ایک قدم اور آگے بڑھ جاتا ہے ( فَزَادَہُمُ اللّٰہُ مَرَضًا)۔ منافقت ایک روحانی بیماری ہے، جس طرح مریض آدمی صحت مند بھی نہیں ہوتا اور نہ ہی مردہ ، منافق نہ مومن ہے اور نہ ہی کافر (فِیۡ قُلُوۡبِہِمۡ مَّرَضٌ)۔ جھوٹ بولنا منافقوں کا شیوہ ہے (کَانُوۡا یَکۡذِبُوۡنَ)۔

آیت ۱۱:

اگرچہ منافقین نصیحت قبول نہیں کرتے لیکن انہیں وعظ و نصیحت کرنا، آخرت سے ڈرانا اور نہی از منکر کرنا بہتر ہے (قِیۡلَ لَہُمۡ)۔ منافقت معاشرہ میں فتنہ و فساد کا سبب ہے (لَا تُفۡسِدُوۡا فِی الۡاَرۡضِ)۔ منافق اپنے دوغلے پن کو عوام دوستی اور ان کی اصلاح سمجھتا ہے اور فخر سے کہتا ہے (اِنَّمَا نَحۡنُ مُصۡلِحُوۡنَ) ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں۔

آیت ۱۲:

مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ منافقوں کے ظاہری خوبصورت بیانات سے آگاہ رہیں(اَلَاۤ)۔ منافقین کے غرور کو توڑا جائے اور ان کا اصلی چہرہ ظاہر کیا جائے (اِنَّہُمۡ ہُمُ الۡمُفۡسِدُوۡنَ)۔

آیت ۱۳:

منافقوں کا یہ مزاج ہے کہ وہ خود کو دوسروں سے بہتر و برتر سمجھتے ہیں اور اپنے لیے امتیازی حیثیت کے قائل ہوتے ہیں لہذا وہ کہتے ہیں (اَنُؤۡمِنُ کَمَاۤ اٰمَنَ السُّفَہَآءُ)۔ مومنوں کی تحقیر کرنا، منافقوں کا شیوہ ہے (کَمَاۤ اٰمَنَ السُّفَہَآءُ)۔ اسلامی معاشرہ میں جھوٹے اور دھوکہ باز منافقوں کے اصلی چہرہ کو نمایاں کرنا ضروری ہے (ہُمُ السُّفَہَآءُ)۔

آیت ۱۴:

شیطان، شَیطَنَ کے کلمہ سے لیا گیا ہے جو خیر اور اچھائی سے دور شدہ کے معنی میں ہے، اسی لیے جو دوسرے کو گمراہ کرے اسے شیطان کہا جاتا ہے۔ منافق اپنا دانہ پانی روزانہ کے حساب سے حاصل کرتا ہے (قَالُوۡۤا اٰمَنَّا۔۔۔ قَالُوۡۤا اِنَّا مَعَکُمۡ) جیسے حالات دیکھتا ہے ویسے ہی اپنا رویہ بدل لیتا ہے اور حالات کے مطابق اپنا بیان جاری کرتا ہے، وہ دیکھتا ہے کہ اس کا مفاد کس میں ہے، وہ اپنے ذاتی مفادات کے پیچھے لگا رہتا ہے۔ اگرچہ کسی فرد کے مسلمان ہونے کے لیے اس کا ظاہری عقیدہ کافی ہے لیکن اس طرف توجہ رہے کہ کوئی سازشی لباس بدل کر اسلامی معاشرے کو نقصان نہ پہنچائے(قَالُوۡۤا اٰمَنَّا)۔ کافروں اور منافقوں کا آپس میں تنظیمی سطح کا رابطہ ہوتا ہے، منافقین کافروں سے نظریاتی لائن لیتے ہیں (شَیٰاطِیۡنِہِمۡ)۔

آیت ۱۵:

کلمہ (یَعۡمَہُوۡنَ) عَمَہَ سے لیا گیا ہے جو اندھے پن کے معنی میں ہے، لیکن عمیٰ ظاہری اندھے پن کو کہتے ہیں جبکہ عَمَہَ باطنی اندھے پن کو کہا جاتا ہے۔ امام رضا علیہ السلام اس آیت کی تفسیر کے بارے میں فرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ تو مکاری کرنے والی اور دھوکہ دینے والی ذات نہیں، لیکن منافقوں کے استہزاء اور ان کی مکاری اور دھوکہ کی سزا انہیں دیتا ہے جو ان کے عمل کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی جانے والی سزائیں گناہوں کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں، اسی لیے جب منافقوں نے کہا: (اِنَّمَا نَحۡنُ مُسۡتَہۡزِءُوۡنَ) تو ان کے جواب میں کہا گیا:(اَللّٰہُ یَسۡتَہۡزِئُ بِہِمۡ) جیسا کرو گے ویسا بھرو گے۔ منافقوں کا مقابلہ مومنین سے نہیں بلکہ وہ اللہ تعالیٰ کے مد مقابل ہیں، وہ مومنوں کا مذاق اڑاتے ہیں لیکن ان کا جواب اللہ تعالیٰ دیتا ہے، مومنوں کا مذاق اڑانا در حقیقت اللہ تعالیٰ کا مذاق اڑانا ہے (اَللّٰہُ یَسۡتَہۡزِئُ بِہِمۡ)۔ سرکشی اور ہٹ دھرمی اندھیرے میں بھٹکنے کا سبب ہے (فِیۡ طُغۡیَانِہِمۡ یَعۡمَہُوۡنَ)۔

آیت ۱۶:

منافق اپنے فائدے اور نقصان کو نہیں سمجھتا، وہ حقیقت شناس نہیں اسی لیے وہ ہدایت کے بدلے گمراہی کو لے لیتا ہے، اس طرح غلط کاروبار کرتا ہے (اشۡتَرَوُا الضَّلٰلَۃَ بِالۡہُدٰی)۔ دنیا کی مثال بازار کی طرح ہے جہاں کاروبای افراد تجارت کرتے ہیں، اس بازار میں تجارت کا سامان انسانوں کے اعمال ہیں اور انسان کو اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے لیے کس طرح کے سامان کا انتخاب کرتا ہے (اشۡتَرَوُا۔۔۔فَمَا رَبِحَتۡ تِّجَارَتُہُمۡ)۔ مومن کی عاقبت اور انجام (عَلٰی ہُدًی مِّنۡ رَّبِّہِمۡ)ہے جبکہ منافق کا انجام انحراف اور گمراہی ہے (وَ مَا کَانُوۡا مُہۡتَدِیۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 17 تا 24
مَثَلُهُمۡ كَمَثَلِ ٱلَّذِي ٱسۡتَوۡقَدَ نَارٗا فَلَمَّآ أَضَآءَتۡ مَا حَوۡلَهُۥ ذَهَبَ ٱللَّهُ بِنُورِهِمۡ وَتَرَكَهُمۡ فِي ظُلُمَٰتٖ لَّا يُبۡصِرُونَ ١٧ صُمُّۢ بُكۡمٌ عُمۡيٞ فَهُمۡ لَا يَرۡجِعُونَ ١٨ أَوۡ كَصَيِّبٖ مِّنَ ٱلسَّمَآءِ فِيهِ ظُلُمَٰتٞ وَرَعۡدٞ وَبَرۡقٞ يَجۡعَلُونَ أَصَٰبِعَهُمۡ فِيٓ ءَاذَانِهِم مِّنَ ٱلصَّوَٰعِقِ حَذَرَ ٱلۡمَوۡتِۚ وَٱللَّهُ مُحِيطُۢ بِٱلۡكَٰفِرِينَ ١٩ يَكَادُ ٱلۡبَرۡقُ يَخۡطَفُ أَبۡصَٰرَهُمۡۖ كُلَّمَآ أَضَآءَ لَهُم مَّشَوۡاْ فِيهِ وَإِذَآ أَظۡلَمَ عَلَيۡهِمۡ قَامُواْۚ وَلَوۡ شَآءَ ٱللَّهُ لَذَهَبَ بِسَمۡعِهِمۡ وَأَبۡصَٰرِهِمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ ٢٠ يَٰٓأَيُّهَا ٱلنَّاسُ ٱعۡبُدُواْ رَبَّكُمُ ٱلَّذِي خَلَقَكُمۡ وَٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِكُمۡ لَعَلَّكُمۡ تَتَّقُونَ ٢١ ٱلَّذِي جَعَلَ لَكُمُ ٱلۡأَرۡضَ فِرَٰشٗا وَٱلسَّمَآءَ بِنَآءٗ وَأَنزَلَ مِنَ ٱلسَّمَآءِ مَآءٗ فَأَخۡرَجَ بِهِۦ مِنَ ٱلثَّمَرَٰتِ رِزۡقٗا لَّكُمۡۖ فَلَا تَجۡعَلُواْ لِلَّهِ أَندَادٗا وَأَنتُمۡ تَعۡلَمُونَ ٢٢ وَإِن كُنتُمۡ فِي رَيۡبٖ مِّمَّا نَزَّلۡنَا عَلَىٰ عَبۡدِنَا فَأۡتُواْ بِسُورَةٖ مِّن مِّثۡلِهِۦ وَٱدۡعُواْ شُهَدَآءَكُم مِّن دُونِ ٱللَّهِ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ ٢٣ فَإِن لَّمۡ تَفۡعَلُواْ وَلَن تَفۡعَلُواْ فَٱتَّقُواْ ٱلنَّارَ ٱلَّتِي وَقُودُهَا ٱلنَّاسُ وَٱلۡحِجَارَةُۖ أُعِدَّتۡ لِلۡكَٰفِرِينَ ٢٤
ترجمہ
ان منافقوں کی مثال اس جیسی ہے جس نے آگ جلائی تاکہ اندھیرے سے نجات پائے لیکن جیسے ہی اس نے اپنے اطراف میں آگ کو جلایا تو اللہ نے اس کی آگ کی روشنی کو ختم کردیا اور اس کو ایسی تاریکی میں پھینک دیا کہ وہ کچھ بھی دیکھ نہیں سکتے۔(۱۷) وہ (حق سننے کے لیے) بہرے ہیں، (حق کہنے میں) گونگے ہیں اور (حق کو دیکھنے کے لیے) اندھے ہیں، لہذا یہ حق کی طرف واپس آنے والے نہیں ہیں۔(۱۸) یا جیسے آسمان سے آنے والی موسلادھار بارش میں پھنس گئے ہوں جس میں تاریکیاں اور گرج چمک ہو، بجلی کی کڑک کی وجہ سے موت سے خائف ہو کر وہ اپنی انگلیاں کانوں میں دباتےہیں، حالانکہ اللہ نے کافروں کو ہر طرف سے گھیرا ہوا ہے۔(۱۹) قریب ہے کہ بادلوں سے تیز چمکنے والی بجلی اور نیچے گرنے والی روشنی ان کی آنکھوں کا نور ختم کردے، جب بھی اس تاریک اور گھپ اندھیرے صحرا میں آسمان سے تیز چمکنے والی بجلی بارش کے ہمراہ ان کے لیے روشنی دے تو وہ اس روشنی میں چند قدم آگے بڑھیں لیکن اس کے بعد جیسے تاریکی انہیں گھیر تی ہے وہ رک جاتے ہیں، اگر اللہ چاہے تو ان کے سننے اور دیکھنے کی طاقت کو ختم کردے کہ اللہ ہر کام پر قادر ہے۔(۲۰) اے لوگو! اپنے اس رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں اور تم سے پہلے گزرے لوگوں کو خلق کیا تاکہ تم تقویٰ اختیار کرو۔(۲۱) وہ رب جس نے تمہارے لیے زمین کو(بیٹھنے اور آرام کرنے کے لیے) پھیلا ہوا فرش بنایا ہے اور تمہارے اوپر آسمان کو شامیانہ قرار دیا ہے، آسمان سے پانی کو اتارا ہے اور اس کے پانی کے وسیلے سے میوہ جات(اجناس) تمہارے لیے روزی قرار دی ہے لہذا کسی کو اللہ کا شریک قرار مت دو جبکہ تم خود اس بات کو اچھی طرح جانتے ہو( کہ جن کو تم اللہ کا شریک بناتے ہو ان میں سے کسی نے تمہیں خلق نہیں کیا اور نہ ہی وہ تمہیں روزی دیتے ہیں)۔(۲۲) جو کچھ ہم نے اپنے عبد پر اتارا ہے اگر تمہیں اس بارے شک و شبہ ہے تو اس کی مانند ایک سورہ تیار کرکے لے آؤ اور اللہ کے علاوہ اس کام کے لیے اپنے گواہوں کو (مدد کے لیے) دعوت دو، اگر تم سچے ہو۔(۲۳) اگر تم نے اس کام کو انجام نہ دیا کہ تم بالکل ایسا نہیں کرسکتے تو پھر اس بھڑکتی آگ سے ڈرو کہ جس کا ایندھن گنہگار انسان اور پتھر ہیں جو کافروں کے لیے تیار کی گئی ہے۔(۲۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۷:

لوگوں کو کوئی مطلب سمجھانے کے لیے مثال بہت مؤثر ہوتی ہے۔ مثال ،معقول ’’عقلی امر‘‘ کو محسوس ’’جسے حواس کے ذریعہ درک کیا جاسکے‘‘ بنانے کا وسیلہ ہے جس کے ذریعہ لوگوں کی سمجھ سے دور شئے کو ان کی سمجھ کے قریب لایا جاسکتا ہے اور ہر آدمی کی سمجھ اور فہم کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔ قرآن مجید میں بہت زیادہ مثالیں ذکر ہوئی ہیں۔ قرآن مجید میں حق کی مثال پانی سے دی گئی ہے اور باطل کو پانی کے اوپر آنے والی جھاگ کی طرح قرار دیا گیا ہے’’رعد، ۱۷‘‘؛ حق کی مثال شجرہ طیبہ کی سی ہے اور باطل کی مثال شجرہ خبیثہ کی سی ہے ’’ابراہیم،۲۶‘‘؛ کافروں کے اعمال کی مثال اس دھول کی ہے جو تیز آندھی سے پیدا ہوتی ہے’’ابراہیم، ۱۸‘‘ اور باطل کی مثال چٹیل میدان میں سراب کی سی ہے’’نور ، ۳۹‘‘؛ بتوں اور طاغوت کی مثال مکڑی کے جالے کی ہے ’’عنکبوت، ۴۱‘‘؛بے عمل عالم کی مثال اس گدھے کی ہے جو کتاب اٹھائے ہو’’جمعہ، ۵‘‘؛ غیبت کرنے والے کی مثال اپنے مردہ بھائی کے گوشت کھانے والے کی ہے ’’حجرات، ۱۲‘‘ اور یہ آیات منافقوں کے حالات و کیفیات اور ان کی معنوی حیثیت کو بتا رہی ہیں کہ ان کی مثال اس آدمی کی ہے جو روشنی کے لیے آگ جلاتا ہے تو اللہ تعالٰی اس آگ کی روشنی کو ختم کردیتا ہے اور ان کے لیے دھواں، تاریکی اور راکھ کے سواء کچھ باقی نہیں رہتا ۔ الٰہی ارادے سے منافقوں کی سازشیں اور ان کے ارادے ناکام ہو جاتےہیں اور ان کی منصوبہ بندیاں ادھوری رہ جاتی ہیں (ذَہَبَ اللّٰہُ بِنُوۡرِہِمۡ)۔ منافقین وحشت زدہ اور پریشان ہیں، وہ لمبی مدت کے منصوبوں میں سرگردان رہتے ہیں (فِیۡ ظُلُمٰتٍ لَّا یُبۡصِرُوۡنَ)۔

آیت ۱۸:

اس سورہ میں منافقین کے بارے مختلف تعبیریں بیان ہوئی ہیں: (لَا یَشۡعُرُوۡنَ، مَا یَشۡعُرُوۡنَ، لَا یَعۡلَمُوۡنَ، لَا یُبۡصِرُوۡنَ، یَعۡمَہُوۡنَ، صُمٌّۢ، بُکۡمٌ، عُمۡیٌ، لَا یَرۡجِعُوۡنَ ) ان میں سے ہر تعبیر منافقین کی ایک حالت کو بیان کرتی ہے۔ جی ہاں! معرفت کے وسائل سے صحیح استفادہ نہ کرنا انسان کے زوال اور انسانیت کو ہاتھ سے دینے کا باعث بنتا ہے، سورہ اعراف کی آیت ۱۷۹ میں ہے (لَہُمۡ قُلُوۡبٌ لَّا یَفۡقَہُوۡنَ بِہَا ۫ وَ لَہُمۡ اَعۡیُنٌ لَّا یُبۡصِرُوۡنَ بِہَا ۫ وَ لَہُمۡ اٰذَانٌ لَّا یَسۡمَعُوۡنَ بِہَا ؕ اُولٰٓئِکَ کَالۡاَنۡعَامِ بَلۡ ہُمۡ اَضَلُّ ؕ اُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡغٰفِلُوۡنَ) ان کے دل تو ہیں لیکن وہ ان سے سمجھتے نہیں، ان کی آنکھیں تو ہیں لیکن وہ ان سے دیکھتے نہیں، کان تو ہیں لیکن ان سے حق بات کو سنتے نہیں، یہ لوگ جانوروں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بھی پست تر ہیں، یہی غافل ہیں۔ منافقت انسان کو الٰہی تعلیمات سمجھنے سے روک دیتی ہے (صُمٌّۢ بُکۡمٌ عُمۡیٌ)۔ جو شخص راہ حق کو سمجھنے کے لیے الٰہی نعمتوں سے فائدہ نہ اٹھائے وہ ایسا ہے کہ جیسے اس کے پاس یہ نعمات موجود ہی نہیں (صُمٌّۢ بُکۡمٌ عُمۡیٌ)۔

آیت ۱۹:

اللہ تعالیٰ نے منافقین کی مثال اس شخص سے دی ہے جو موسلادھار بارش والی سخت اندھیری رات میں ہو، بادلوں کی گرج چمک، بجلی کے کڑکنے کی آواز سے کان پھٹے جارہے ہوں، بجلی کے چمکنے سے آنکھیں چندھیا جائیں،موت کا خوف ہو اور وہ اس کیفیت میں گھر چکا ہو، وہ خود کو بارش سے بچانے کے لیے پناہ گاہ کی تلاش میں ہو لیکن نہ تو تاریکی سے بچنے کے لیے اس کے پاس روشنی موجود ہو، نہ بادلوں کی گرج سے کانوں کو بچانے کا وسیلہ ہو اور نہ ہی موت کے خوف سے آسودگی ہو۔ منافق سخت پریشانی کی حالت میں ہوتا ہے، اسی دنیا میں پریشانی، رسوائی اور ذلت اس کے دامن گیر ہوتی ہے (ظُلُمٰتٌ وَّ رَعۡدٌ وَّ بَرۡقٌ )۔

آیت ۲۰:

منافق میں نورانی دلائل کو دیکھنے اور آیات الٰہی کے نور کا نظارہ کرنے کی تاب نہیں، وہ اس مسافر کی مانند ہے جو صحرا میں سرگردان ہو اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے اس کی آنکھیں چندھیا ئی ہوئیں ہوں اور وہ چند قدم سے زیادہ چل نہیں سکتا بلکہ اسے ہر قدم کے بعد ٹھہرنا پڑتا ہے۔ منافق ایسے شخص کی طرح ہے جو اسلامی معاشرہ میں چند قدم آگے بڑھتا ہے لیکن کچھ ناگہانی حالات اور واقعات پیش آنے کی صورت میں وہ آگے بڑھنے سے رک جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے لیے فطرت کے چراغ کو بھجا رکھا ہے اور وہ باہر سے روشنی آنے کے انتظار میں ہیں۔ منافق اپنی زندگی کے سفر میں حیران و سرگردان ہے(اَضَآءَ ۔۔۔ مَشَوۡا۔۔۔اَظۡلَمَ ۔۔۔ قَامُوۡا)۔ اللہ تعالیٰ کا قانون ہے کہ وہ سب کو آزادی اور اختیار دیتا ہے، وگرنہ اللہ تعالیٰ منافقوں کو بہرہ اور اندھا بنا سکتا تھا (وَ لَوۡ شَآءَ اللّٰہُ لَذَہَبَ بِسَمۡعِہِمۡ وَ اَبۡصَارِہِمۡ)۔

آیت ۲۱:

قرآن مجید میں چند مقامات پر اس بات کا جواب دیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کیوں کی جائے، جواب اس طرح دیا گیا ہے: ۱۔ اس لیے کہ اللہ تعالٰی خالق اور مربی’’پرورش دینے والا‘‘ ہے (اعۡبُدُوۡا رَبَّکُمُ الَّذِیۡ خَلَقَکُمۡ)۔ ۲۔ اللہ تعالیٰ رزق و روزی دینے والا ہے (فَلۡیَعۡبُدُوۡا رَبَّ ہٰذَا الۡبَیۡتِ، الَّذِیۡۤ اَطۡعَمَہُمۡ مِّنۡ جُوۡعٍ ۬ۙ وَّ اٰمَنَہُمۡ مِّنۡ خَوۡفٍ) ’’قریش،۳۔۴‘‘۔ ۳۔ اللہ تعالیٰ کے سواء کوئی لائق عبادت نہیں (لَاۤ اِلٰہَ اِلَّاۤ اَنَا فَاعۡبُدۡنِیۡ)’’طہٰ،۴‘‘۔ عبادت انسان کی خلقت کا ہدف ہے، یہ خالق کا ہدف نہیں، اللہ تعالیٰ کو ہماری عبادت کی ضرورت نہیں ہے، اگر زمین پر موجود سارے انسان کافر ہوجائیں تو اللہ تعالیٰ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے جس طرح اگر سارے گھروں کی پیٹھ سورج کی جانب کریں تو اس کا سورج پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ تمام نعمتوں میں پہلی نعمت خلقت کی نعمت ہے اور سب سے پہلا دستور اللہ تعالیٰ کے سامنے جھکنا ہے (اعۡبُدُوۡا رَبَّکُمُ الَّذِیۡ خَلَقَکُمۡ)۔ اپنی عبادت پر مغرور نہ ہوں کیونکہ ہر عبادت تقویٰ کا سبب نہیں ہوتی (لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ)۔

آیت ۲۲:

اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے متعدد نعمتوں کی طرف اشارہ فرمایا ہے جن میں زمین کا فرش ہونا، پہاڑوں کا سخت ہونا، صحراؤں کی مٹی کا نرم ہونا، زمین کا سورج سے فاصلہ، درجہ حرارت کا متوازن ہونا، خوشگورا فضاء اور ہوا کا ملائم و مناسب ہونا، ندی نالے۔ وادیاں، درے، پہاڑ، غار، بوٹیاں، نباتات ان سب کو زمین کے فرش پر مہیا کردئے ہیں۔ لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی عبادت کی طرف دعوت دینے کے لیے اس کی نعمتوں کو یاد دلانا بہترین وسیلہ ہے (اعۡبُدُوۡا رَبَّکُمُ۔۔۔الَّذِیۡ جَعَلَ لَکُمۡ)۔ خداشناسی کے بہترین وسائل میں سے ایک یہ ہے کہ جو نعمتیں ہماری دسترس میں ہیں ان سے استفادہ کیا جائے (جَعَلَ لَکُمُ الۡاَرۡضَ فِرَاشًا وَّ السَّمَآءَ بِنَآءً)۔ خلقت کے نظام میں کامل ہم آہنگی موجود ہے، زمین اور آسمان میں ہم آہنگی ہے؛ بارش، بوٹیاں، میوہ جات، نباتات، درخت، انسان اور حیوان سب ہی اس نظم کے تحت ہیں (جَعَلَ، اَنۡزَلَ ،اَخۡرَجَ)۔ اللہ تعالیٰ کے کارخانہ خلقت میں نظم و ہم آہنگی و ارتباط توحید کی نشانی ہے، لہذا انسان کو بھی یکتا پرست ہونا چاہیے (فَلَا تَجۡعَلُوۡا لِلّٰہِ اَنۡدَادًا)۔

آیت ۲۳:

یہ آیت قرآن مجید کے معجزہ ہونے کو بیان کررہی ہے۔ سارے پیغمبروں کی دعوت ایک ہی ہے کہ وہ لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف ہدایت دیں، وہ لوگوں کو استدلال، وعظ و نصیحت، تذکر و یاددہانی اور جدال احسن کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی جانب لے جاتے ہیں، نیز اس مقصد کے لیے وہ معجزہ لے آتے ہیں تاکہ ثابت کریں کہ ہم اللہ تعالٰی کی جانب سے پیغمبر ہیں، معجزہ پیغمبر کے دعویٰ کی صداقت کا ثبوت ہے، خود دعوت کے لیے نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے پیغمبراسلامﷺ کی حقانیت اور اپنی کتاب کے برحق ہونے کو ثابت کرنے کے لیے ایک طرف تو مخالفین کو اس جیسی کتاب لانے کا چیلنج دیا ہے(فَاۡتُوۡا بِکِتَابٍ) ’’قصص، ۲۹‘‘دوسری جانب ان سے کہا ہے کہ اگر تم اس جیسی مکمل کتاب نہیں لاسکتے ہو تو اس کے سوروں جیسے دس سورے تیار کر کےلے آؤ ( فَاۡتُوۡا بِعَشْرِ سُوَرٍ مِّثْلِہِ) ’’ھود، ۱۳‘‘ مزید فرمایا ہے کہ اگر تم دس سورے نہیں لاسکتے ہو تو اس کتاب کے سوروں جیسا صرف ایک سورہ تیار کرکے لے آؤ (فَاۡتُوۡا بِسُوۡرَۃٍ مِّثۡلِہٖ ۪ وَ ادۡعُوۡا مَنِ اسْتَطَعْتُمْ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ) ’’یونس، ۳۸‘‘ اور اس کام کے لیے اپنی تمام قوتوں کو اکٹھا کرکے لے آؤ، اپنے سارے ساتھیوں کو جمع کرو اور پورے عالم میں اس کے لیے دعوت دو تو پھر بھی تم ایسا ہرگز نہیں کرسکتے۔ انبیاء کے پاس معجزہ ہونا چاہیے، قرآن مجید، رسول خداﷺکا معجزہ ہے (فَاۡتُوۡا بِسُوۡرَۃٍ مِّنۡ مِّثۡلِہٖ)۔ جو دین جاوید ہے اس کے لیے معجزہ بھی جاودانی چاہیے تاکہ ہر انسان ہر زمانہ میں جہاں کہیں ہو اگر اس کے بارے شک کرے تو اس کی حقانیت کو آزمانے کے لیے اسے آزما سکے (فَاۡتُوۡا بِسُوۡرَۃٍ مِّنۡ مِّثۡلِہٖ)۔

آیت ۲۴:

سورہ انبیاء میں ہے (اِنَّکُمۡ وَ مَا تَعۡبُدُوۡنَ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ حَصَبُ جَہَنَّمَ) ’’انبیاء، ۹۸‘‘تم اور جس کی تم عبادت کرتے ہو’’بت‘‘سب جہنم کا ایندھن ہیں۔ لہذا ممکن ہے اس آیت میں پتھر سے مراد وہ بت ہوں جن کی کفار پرستش کرتے تھے تاکہ وہ اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ بتوں سے کچھ بھی کام نہیں بن سکتا، وہ خود کو نہیں بچا سکتے، جس طرح دنیا میں وہ کچھ کرنے کے قابل نہ تھے اسی طرح قیامت میں بھی بت کفار کے جرم کا گواہ ہوں گے، جس طرح قاتل کے ہاتھ میں موجود تلوار اس کے جرم کا ثبوت ہے، قیامت میں کفار کے جرم کا ثبوت اور اس کی سند یہی بت ہوں گے جن کی دنیا میں وہ عبادت کرتے تھے۔ حروف اور الفاظ تمام لوگوں کے استعمال اور دسترس میں ہیں لیکن مورد نظر مفاہیم و مضامین کے لیے ان الفاظ و کلمات کی ترکیب علم و فن کی نشانی ہے۔ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کے لا محدود علم و حکمت سے بنا ہے لہذا انسان کبھی بھی اس جیسی کتاب یا اس کی مانند کلام تیار کرکے نہیں لا سکتا کیونکہ انسان کا علم محدود ہے۔ سنگدل انسان اور کافر پتھر کی مانند ہے(النَّاسُ وَ الۡحِجَارَۃُ)۔ کفر اور ہٹ دھرمی انسان کو دوزخ کا ایندھن بنا دیتی ہے (وَقُوۡدُہَا النَّاسُ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 25 تا 29
وَبَشِّرِ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَعَمِلُواْ ٱلصَّٰلِحَٰتِ أَنَّ لَهُمۡ جَنَّٰتٖ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُۖ كُلَّمَا رُزِقُواْ مِنۡهَا مِن ثَمَرَةٖ رِّزۡقٗا قَالُواْ هَٰذَا ٱلَّذِي رُزِقۡنَا مِن قَبۡلُۖ وَأُتُواْ بِهِۦ مُتَشَٰبِهٗاۖ وَلَهُمۡ فِيهَآ أَزۡوَٰجٞ مُّطَهَّرَةٞۖ وَهُمۡ فِيهَا خَٰللِدُونَ ٢٥ ۞ إِنَّ ٱللَّهَ لَا يَسۡتَحۡيِۦٓ أَن يَضۡرِبَ مَثَلٗا مَّا بَعُوضَةٗ فَمَا فَوۡقَهَاۚ فَأَمَّا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ فَيَعۡلَمُونَ أَنَّهُ ٱلۡحَقُّ مِن رَّبِّهِمۡۖ وَأَمَّا ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ فَيَقُولُونَ مَاذَآ أَرَادَ ٱللَّهُ بِهَٰذَا مَثَلٗاۘ يُضِلُّ بِهِۦ كَثِيرٗا وَيَهۡدِي بِهِۦ كَثِيرٗاۚ وَمَا يُضِلُّ بِهِۦٓ إِلَّا ٱلۡفَٰسِقِينَ ٢٦ ٱلَّذِينَ يَنقُضُونَ عَهۡدَ ٱللَّهِ مِنۢ بَعۡدِ مِيثَٰقِهِۦ وَيَقۡطَعُونَ مَآ أَمَرَ ٱللَّهُ بِهِۦٓ أَن يُوصَلَ وَيُفۡسِدُونَ فِي ٱلۡأَرۡضِۚ أُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡخَٰسِرُونَ ٢٧ كَيۡفَ تَكۡفُرُونَ بِٱللَّهِ وَكُنتُمۡ أَمۡوَٰتٗا فَأَحۡيَٰكُمۡۖ ثُمَّ يُمِيتُكُمۡ ثُمَّ يُحۡيِيكُمۡ ثُمَّ إِلَيۡهِ تُرۡجَعُونَ ٢٨ هُوَ ٱلَّذِي خَلَقَ لَكُم مَّا فِي ٱلۡأَرۡضِ جَمِيعٗا ثُمَّ ٱسۡتَوَىٰٓ إِلَى ٱلسَّمَآءِ فَسَوَّىٰهُنَّ سَبۡعَ سَمَٰوَٰتٖۚ وَهُوَ بِكُلِّ شَيۡءٍ عَلِيمٞ ٢٩
ترجمہ
جو لوگ ایمان لے آئے ہیں اور انہوں نے نیک اعمال انجام دئے ہیں انہیں اچھی خبر دو کہ ان کے لیے ایسی بہشت ہے کہ اس کے نیچے نہریں جاری ہیں، جیسے ہی ان کو ان باغات سے میوہ جات روزی دئے جائیں گے تو وہ کہیں گے: یہ تو وہی ہے جو اس سے پہلے ہمیں روزی دیا گیا تھا جبکہ انہیں ان کے مشابہ دیا گیا؛ ان کے لیے پاک و صاف ستھری بیویاں ہیں اور وہ اس بہشت میں ہمیشہ رہیں گے۔(۲۵) اللہ اس حوالے سے کوئی حرج نہیں سمجھتا کہ مچھر یا اس سے بڑے کی مثال دے، پس وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہیں وہ جانتے ہیں کہ ان کے رب کی جانب سے یہ مثال حقیقت کو واضح کررہی ہے لیکن وہ لوگ جنہوں نے کفر اختیار کیا ہے وہ کہتے ہیں کہ اس مثال سے اللہ کا کیا مقصد ہے، جی ہاں! اللہ اس قسم کی مثال سے بہت ساروں کو گمراہ کردیتا ہے اور بہت سارے اس طرح کی مثال سے ہدایت پاجاتے ہیں؛ اس سے گنہگاروں(فاسقوں) کے علاوہ کوئی اور گمراہ نہیں ہوتا۔(۲۶) لوگوں میں سے کچھ ایسے ہیں جو اللہ سے مضبوط عہد و پیمان باندھنے کے بعد اسے توڑ دیتے ہیں؛ اللہ نے جن تعلقات کو جوڑ کر رکھنے کا حکم دیا ہے وہ اسے توڑ دیتے ہیں، زمین میں فتنہ و فساد پھیلاتے ہیں، یقیناً ایسے افراد خسارے میں ہیں۔(۲۷) تم کس طرح اللہ کا کفر کرتے ہو جبکہ تم بے جان(مردہ) تھے اس نے تمہیں زندہ کردیا، وہ پھر تمہیں مارے گا اور مارنے کے بعد پھر تمہیں زندہ کرے گا، پھر تم اسی کی طرف پلٹائے جاؤ گے۔(۲۸) اس نے تمہارے لیے وہ سب کچھ خلق کیا ہے جو زمین میں موجود ہے، پھر آسمان کی خلقت کے درپے ہوا اور انہیں سات مضبوط آسمان بنایا، وہ تو ہر کام سے آگاہ اور واقف ہے۔(۲۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۵۔ ۲۶:

اہل بہشت جب پہلی نظر میں بہشتی میوہ جات کو دیکھیں گے اورانہیں یہ میوہ جات دنیاوی میوہ جات جیسے لگیں گے تو وہ کہیں گے: یہ تو وہی میوہ جات ہیں جو ہم دنیا میں کھاتے تھے، لیکن کھانے کے بعد سمجھ جائیں گے کہ ان کا ذائقہ نیا ہے اور وہ دنیاوی میوہ جات جیسے نہیں ہیں۔ عام طور پر قرآن مجید میں ایمان کا ذکر عمل صالح سےپہلا ہوا ہے، جی ہاں! اگر کمرے کے اندر روشنی موجود ہو تو اس روشنی کی شعائیں کھڑکیوں اور روشن دانوں سے باہر کی طرف جائیں گی، ایمان انسان کے باطن کو روشن اور نورانی کرتا ہے، نورانی دل انسان کے تمام کاموں کو نورانی بنا دیتا ہے۔ ایمان اور عمل صالح کی برکتیں بہت زیادہ ہیں جن میں سے بعض کی طرف قرآنی آیات میں اشارہ ہوا ہے من جملہ: الف: حور العین، خوبصورت حوریں اسی عالَم میں خلق ہوں گی (اِنَّاۤ اَنۡشَاۡنٰہُنَّ اِنۡشَآءً)’’واقعہ، ۳۵‘‘ ب: مومن عورتیں جو بہت ہی خوبصورت ہوجائیں گی اپنے شوہروں کے ہمراہ ہوں گی (وَ مَنۡ صَلَحَ مِنۡ اٰبَآئِہِمۡ وَ اَزۡوَاجِہِمۡ)’’رعد، ۲۲‘‘ نیک اعمال اسی صورت میں قابل قدر ہیں جب وہ ایمان کی بنیاد پر انجام پائے ہوں، نہ ذاتی رجحانات اورمعاشرتی ضروریات کی بنا پر، لہذا پہلے کہا گیا ہے (اٰمَنُوۡا) اس کے بعد (عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ)، ایمان والوں کا نیک عمل ہی قدر و قیمت رکھتا ہے۔ مومن حلال اور حرام کی رعایت کرنے کی وجہ سے جن محرومیتوں کا شکار ہوتا ہے آخرت میں اس کی تلافی ہوگی (رُزِقُوۡا)۔ قرآن مجید کی مثالیں سب کے لیے ہیں، اس میں ہر قسم کی مثال دی گئی ہے، قرآن مجید میں بیان ہوا ہے (وَ لَقَدۡ ضَرَبۡنَا لِلنَّاسِ فِیۡ ہٰذَا الۡقُرۡاٰنِ مِنۡ کُلِّ مَثَلٍ) ’’روم، ۵۸‘‘۔ البتہ ان مثالوں کو سادہ قرار نہ دیا جائے، فقط دانشمند ہی ان مثالوں کی حقیقت اور باطن کو سمجھتے ہیں (وَ تِلۡکَ الۡاَمۡثَالُ نَضۡرِبُہَا لِلنَّاسِ ۚ وَ مَا یَعۡقِلُہَاۤ اِلَّا الۡعٰلِمُوۡنَ) ’’عنکبوت، ۴۳‘‘۔ مثال دینے کا مقصد یاددہانی کرانا، بات کو سمجھانا، تعلیم و تربیت دینا اور پوشیدہ حقائق سے پردہ اٹھانا ہوتا ہے، سابقہ آسمانی کتابوں میں بھی مثالیں دی گئیں، اسی طرح رسول خداﷺ اور ائمہ اہل بیت علیہم السلام کے بیانات میں بھی بہت ساری مثالیں موجود ہیں؛ تورات میں ’’امثال سلیمان‘‘حضرت سلیمان علیہ السلام کی پیش کردہ مثالوں کا ایک باب موجود ہے۔ قرآن مجید کے کچھ مخالفین اس جیسا کلام لانے سے عاجز ہوگئے تو انہوں نے قرآن مجید کی مثالوں کو بہانہ کے طور پر پیش کیا کہ اللہ تعالیٰ کی شان اس سے بلند تر ہے کہ مچھر، مکڑی اور مکھی کی مثالیں دے، ایسی مثالیں اللہ تعالیٰ کے بلند مقام اور شان کے منافی ہے، اس طرح وہ قرآن مجید کی آیات کے بارے لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات ڈالتے تھے؛ اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں ان کے بہانوں کا جواب دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کسی کو گمراہ نہیں کرتا بلکہ جو بھی قرآنی حقائق کے مد مقابل کھڑا ہوجائے اور ان حقائق کا انکار کردے تو وہ خود گمراہ ہوجاتا ہے، اس معنی میں کہہ سکتے ہیں کہ قرآن مجید اس کی گمراہی کا سبب بنا ہے۔ جیسا کہ اسی آیت کے آخر میں فرمایا: (وَ مَا یُضِلُّ بِہٖۤ اِلَّا الۡفٰسِقِیۡنَ) یعنی لوگوں کا فسق اور گناہ میں مبتلا ہونا ان کی گمراہی کا سبب ہے۔ ذرا سوچیں کہ کیا یہ ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ لوگوں کو ایمان لانے کی دعوت دے اورپھر خود ہی انہیں گمراہ کردے؟! کیا یہ ممکن ہے کہ انسانوں کی ہدایت کے لیے اتنے سارے پیغمبروں کو بھیجے اور کتابوں کو نازل کرنے کے بعد خود ہی لوگوں کو گمراہ کرے؟! کیا یہ ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ابلیس پر اعتراض کرے کہ وہ لوگوں کو گمراہ کرتا ہے، پھر خود ہی لوگوں کو گمراہ کرے؟! ان تمام سوالات کا جواب منفی میں ہے۔ بلند حقائق اور اہم امور کو سادہ عبارت میں مثال کی صورت میں پیش کر کے آسان بنایا جاسکتا ہے(اَنۡ یَّضۡرِبَ مَثَلًا)۔ جو انسان حق اور حقیقت کو پہچاننا چاہتا ہے وہ ہر روشنی سے راہ تلاش کرلیتا ہے لیکن جو آدمی بہانہ تراش ہے وہ اعتراض پر اعتراض کرتا ہے تو وہ ہر چراغ اور روشنی دینے والی چیز پر بھی اعتراض کردے گا (مَا ذَاۤ اَرَادَ اللّٰہُ بِہٰذَا مَثَلًا)۔

آیت ۲۷:

اسلامی نقطہ نظر سے عہد و پیمان کی وفاداری واجب ہے، اللہ تعالیٰ کافروں سے معاملہ کے حوالے سے بھی فرمایا: (لَا دِیْنَ لِمَنْ لَا عَہْدَ لَہُ)جو عہد و پیمان کا پابند نہیں وہ دیندار نہیں؛ دین عہد و پیمان کی پابندی کا حکم دیتا ہے۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ باندھے گئے بعض عہد و پیمان سے وفاداری پر زور دیا گیا ہے، ان میں فطری عہد و پیمان بھی شامل ہے جو اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کے باطن میں قرار دیا ہے جیسا کہ حضرت علی علیہ السلام نے نبوت کے فلسفہ کو فطری عہد و پیمان کو اجاگر کرنا قرار دیا ہے (وَاتَرَ إِلَيْهِمْ أَنْبِيَاءَهُ لِيَسْتَأْدُوهُمْ مِيثَاقَ فِطْرَتِهِ)’’نہج البلاغہ، خطبہ ۱‘‘ علامہ مجلسی نے اس آیت(وَ یَقۡطَعُوۡنَ مَاۤ اَمَرَ اللّٰہُ بِہٖۤ اَنۡ یُّوۡصَلَ)کے بعد صلہ رحمی کے متعلق ایک سو دس احادیث بیان کی ہیں، ان میں سے بعض کو ذکر کرتے ہیں: صلہ رحمی عمر بڑھا دیتی ہے، فقر و غربت کو دور کرتی ہے۔ بہترین قدم وہ ہے جو رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کے لیے اٹھایا جائے اور ان کی ملاقات کے لیے جایا جائے۔ رشتہ داروں کے پاس جایا کرو اگرچہ وہ تمہارے ساتھ بے توجہی کیوں نہ کریں۔ صلہ رحمی کرو اگرچہ گھرانے والے رشتہ دار نیک اور صالح نہ ہوں۔ صلہ رحمی کرو اگرچہ ایک سلام کرنے سے ہو۔ صلہ رحمی قیامت کے دن حساب اور موت کو آسان بنادیتی ہے۔ جو رشتہ داروں سے تعلق کو توڑتا ہے اسے بہشت کی خوشبو نہ ملے گی۔ رشتہ داروں کی مالی مدد کرنا دوسروں کی مالی مدد کرنے سے ۲۴ درجہ زیادہ اجر رکھتا ہے۔ صلہ رحمی کرو اگرچہ رشتہ دار ایک سال کے فاصلہ پر دور رہتا ہو۔ فاسقوں کے عہد وپیمان پر اعتبار نہ کرو کیونکہ جو اللہ تعالیٰ سے باندھے گئے عہد و پیمان کو توڑتے ہیں وہ لوگوں سے باندھے گئے عہد و پیمان کی وفاداری نہیں کریں گے (یَنۡقُضُوۡنَ،یَقۡطَعُوۡنَ)۔ اسلام معاشرہ سے کٹ کر رہنے کو پسند نہیں کرتا (مَاۤ اَمَرَ اللّٰہُ بِہٖۤ اَنۡ یُّوۡصَلَ)۔

آیت ۲۸:

اپنی اور کائنات کی خلقت بارے غور و فکر کرنا خداشناسی کا بہترین وسیلہ ہے، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے وجود کو ثابت کرنے کے لیے کہا: (رَبِّیَ الَّذِیۡ یُحۡیٖ وَ یُمِیۡتُ)’’بقرہ، ۲۵۸‘‘میرا رب وہ ہے جو زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے۔ حیات کے بارے غور فکر کرنا اور موت کے مسئلہ بارے سوچنا انسان کو اس بات کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ اگر حیات انسان کے لیے اپنی ہوتی اور حیات دینے والا وہ خود ہوتا تو پھر ہمیشہ زندہ رہتا، ایسا کیوں ہے کہ وہ پہلے نہیں تھا، اب ہے اور پھر کچھ عرصہ بعد نہیں ہوگا؟ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اب جب تو نے یہ دیکھ لیا ہے کہ کس طرح بے جان چیز جاندار بن جاتی ہے تو تم یہ جان لو کہ تمہارا قیامت کے دن زندہ ہونا بھی اسی طرح ہوگا۔ الٰہی تفکر میں موت و حیات کا ہدف ارتقاء کرنا اور کمال کے سرچشمہ کی طرف پلٹ کر جانا ہے (ثُمَّ اِلَیۡہِ تُرۡجَعُوۡنَ)۔ مولوی نے مثنوی کے دفتر ۳ میں کہا ہے: از جمادی مردم و نامی شدم از نما مردم ز حیوان سرزدم مردم از حیوانی و انسان شدم پس چہ ترسم کہ ز مردن کم شدم ’’ترجمہ:جمادات سے مر کر میں نامی’’نشو و نما کرنے والا‘‘ بن گیا اور نامی سے مر کر حیوان بن گیا؛حیوان سے مر کر میں انسان بنا تو میں مرنے سے کیوں ڈروں‘‘۔

آیت ۲۹:

’’سماء ‘‘کا لفظ عربی زبان میں بلندی کے معنی میں ہے، بعض اوقات یہ لفظ زمین سے چند میٹر بلند چھت کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے جس طرح زمین سے چند میٹر بلند درخت کی شاخوں کے لیے بھی یہ لفظ استعمال ہوتا ہے(وَ فَرۡعُہَا فِی السَّمَآءِ) ’’ابراہیم، ۲۴‘‘، اوپر اٹھتے ہوئے بادلوں پر بھی یہ لفظ بولا جاتا ہے جن سے بارش برستی ہے (وَ نَزَّلۡنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً) ’’ق، ۹‘‘؛ بعض دفعہ زمین کے اردگرد فضاء کے لیے بھی سماء کا لفظ استعمال ہوتا ہے (وَ جَعَلۡنَا السَّمَآءَ سَقۡفًا مَّحۡفُوۡظًا) ’’انبیاء، ۳۲‘‘۔ کائنات میں موجود تمام اشیاء انسان کے لیے خلق ہوئی ہیں (خَلَقَ لَکُمۡ مَّا فِی الۡاَرۡضِ جَمِیۡعًا)۔ مخلوقات میں سے کوئی بھی مخلوق بے ہودہ اور بے مقصد نہیں ہے اگرچہ ہم اس سے استفادہ کے طریقہ کو نہ جانتے ہوں (خَلَقَ لَکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ نے پوری دنیا کو انسان کے لیے خلق کیا ہے لیکن انسان کو دنیا کے لیے خلق نہیں فرمایا(خَلَقَ لَکُمۡ)اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی معرفت کے حصول اور عبادت کے لیے خلق کیا ہے تاکہ انسان کمال پا سکے۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 30 تا 37
وَإِذۡ قَالَ رَبُّكَ لِلۡمَلَٰٓئِكَةِ إِنِّي جَاعِلٞ فِي ٱلۡأَرۡضِ خَلِيفَةٗۖ قَالُوٓاْ أَتَجۡعَلُ فِيهَا مَن يُفۡسِدُ فِيهَا وَيَسۡفِكُ ٱلدِّمَآءَ وَنَحۡنُ نُسَبِّحُ بِحَمۡدِكَ وَنُقَدِّسُ لَكَۖ قَالَ إِنِّيٓ أَعۡلَمُ مَا لَا تَعۡلَمُونَ ٣٠ وَعَلَّمَ ءَادَمَ ٱلۡأَسۡمَآءَ كُلَّهَا ثُمَّ عَرَضَهُمۡ عَلَى ٱلۡمَلَٰٓئِكَةِ فَقَالَ أَنۢبِـُٔونِي بِأَسۡمَآءِ هَٰٓؤُلَآءِ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ ٣١ قَالُواْ سُبۡحَٰنَكَ لَا عِلۡمَ لَنَآ إِلَّا مَا عَلَّمۡتَنَآۖ إِنَّكَ أَنتَ ٱلۡعَلِيمُ ٱلۡحَكِيمُ ٣٢ قَالَ يَٰٓـَٔادَمُ أَنۢبِئۡهُم بِأَسۡمَآئِهِمۡۖ فَلَمَّآ أَنۢبَأَهُم بِأَسسۡمَآئِهِمۡ قَالَ أَلَمۡ أَقُل لَّكُمۡ إِنِّيٓ أَعۡلَمُ غَيۡبَ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ وَأَعۡلَمُ مَا تُبۡدُونَ وَمَا كُنتُمۡ تَكۡتُمُونَ ٣٣ وَإِذۡ قُلۡنَا لِلۡمَلَٰٓئِكَةِ ٱسۡجُدُواْ لِأٓدَمَ فَسَجَدُوٓاْ إِلَّآ إِبۡلِيسَ أَبَىٰ وَٱسۡتَكۡبَرَ وَكَانَ مِنَ ٱلۡكَٰفِرِينَ ٣٤ وَقُلۡنَا يَٰٓـَٔادَمُ ٱسۡكُنۡ أَنتَ وَزَوۡجُكَ ٱلۡجَنَّةَ وَكُلَا مِنۡهَا رَغَدًا حَيۡثُ شِئۡتُمَا وَلَا تَقۡرَبَا هَٰذِهِ ٱلشَّجَرَةَ فَتَكُونَا مِنَ ٱلظَّٰلِمِينَ ٣٥ فَأَزَلَّهُمَا ٱلشَّيۡطَٰنُ عَنۡهَا فَأَخۡرَجَهُمَا مِمَّا كَانَا فِيهِۖ وَقُلۡنَا ٱهۡبِطُواْ بَعۡضُكُمۡ لِبَعۡضٍ عَدُوّٞۖ وَلَكُمۡ فِي ٱلۡأَرۡضِ مُسۡتَقَرّٞ وَمَتَٰعٌ إِلَىٰ حِينٖ ٣٦ فَتَلَقَّىٰٓ ءَادَمُ مِن رَّبِّهِۦ كَلِمَٰتٖ فَتَابَ عَلَيۡهِۚ إِنَّهُۥ هُوَ ٱلتَّوَّابُ ٱلرَّحِيمُ ٣٧
ترجمہ
اس وقت کو یاد کرو جب تیرے رب نے فرشتوں سے کہا: میں نے فیصلہ کیا ہے کہ زمین میں اپنا خلیفہ مقرر کروں تو انہوں نے کہا: کیا ایسے کو زمین پر اپنا خلیفہ مقرر کرتے ہو جو زمین میں فتنہ و فساد کرے اور خون خرابہ کرے گا؟ ہم تو تیری حمد کے ساتھ تیری تسبیح کرتے ہیں، اللہ نے فرمایا کہ میں جن حقائق کو جانتا ہوں تم ان سے آگاہ نہیں ہو۔(۳۰) اللہ نے آدم کو تمام اسما ء(پورے اسرار اور حقائق) کی تعلیم دی پھر اسے فرشتوں کے سامنے پیش کیا اور فرشتوں سے کہا: اگر تم سچ کہتے ہو(کہ تم آدم سے زیادہ لائق ہو) تو ان اسماء کے بارے مجھے بتاؤ۔(۳۱) فرشتوں نے عرض کیا: اے ہمارے رب! تیری ذات پاک ہے، ہم تو فقط وہی کچھ جانتے ہیں جس کی تعلیم تو نے ہمیں دی ہے، بلاشک تو دانا و حکیم ہے۔(۳۲) اللہ نے آدم سے کہا: اے آدم! آج ان کو اسماء کے بارے بتلاؤ، پس جب آدم نے انہیں ان کو اسماء بارے آگاہ کیا تو اللہ نے کہا:کیا میں نے تم سے یہ نہیں کہا تھا کہ زمین اورآسمانوں کے رازوں کو میں ہی جانتا ہوں اور جو تم آشکار کر رہے ہو اور جو تم پوشیدہ کرتے ہو اس سب کو میں ہی جانتا ہوں۔(۳۳) اور جب ہم نے تمام فرشتوں سے کہا کہ تم سب آدم کے لیے سجدہ کرو تو سب نے آدم کا سجدہ کیا لیکن ابلیس نے انکار کردیا اور تکبر کیا اور وہ کافروں سے ہوگیا۔(۳۴) ہم نے آدم سے کہا: اے آدم! تم اپنی بیوی کے ہمراہ اس باغ میں رہائش رکھو اور اس سے جس قدر کھا سکتے ہو کھاؤ پیو، لیکن اس درخت کے نزدیک نہ جانا وگرنہ ظالموں سے ہوجاؤ گے۔(۳۵) پھر شیطان نے انہیں بھٹکایا اور جس جگہ ان کی رہائش تھی اس سے باہر نکال دیا، اس صورت میں ہم نے ان سے کہا: اس ٹھکانہ سے نیچے آجاؤ، اس حال میں کہ تم ایک دوسرے کے دشمن ہوگے، ایک معین وقت تک تمہارے لیے زمین پر ٹھکانہ ہے تم وہاں سے بہرہ مند ہو گے۔(۳۶) آدم نے اللہ سے کلمات کو وصول کیا اور توبہ کرلی، پس اللہ نے اپنا لطف و کرم اس کے لیے لوٹا دیا(اس کی توبہ قبول کرلی) بتحقیق اللہ بہت زیادہ توبہ قبول کرنے والا مہربان ہے۔(۳۷)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۳۰:

اس آیت اور اس کے بعد والی آیات میں زمین، آسمان اور انسان کی خلافت کے مسئلہ کو بیان کیا گیا ہے۔ فرشتوں کی پریشانی اس حوالے سے تھی کہ انسان زمین پر فتنہ فساد اور خون خرابہ کا سبب ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے اس بارے وضاحت کردی اور فرشتوں کو حضرت آدم علیہ السلام کو سجدہ کرنے کا حکم دیا۔ فرشتوں کو انسان کے فتنہ و فساد کرنے کے بارے معلومات یا تو الٰہی خبروں سے حاصل تھی یا حضرت آدم علیہ السلام سے پہلے دوسرے عالم میں جن انسانوں کو دیکھا ہوا تھا یا اسی عالم میں حضرت سے پہلے جو انسان موجود تھے یا انہوں نے خاکی اور مادی انسان سے فطری طور پر جو ٹکراؤ اور تصادم تھا اس کے متعلق ایک تجزیہ کیا، اس بنا پر فرشتوں نے انسان کے فسادی ہونے اور خون خرابہ کرنے کی پیش گوئی کی۔ اگرچہ تمام انسانوں میں زمین پر اللہ کا خلیفہ بننے کی قابلیت موجود ہے لیکن سارے انسان زمین پر اللہ کا خلیفہ نہیں ہیں کیونکہ ان میں سے بعض ایسے ہیں جو اپنے برے اعمال کے نتیجہ میں انسانیت کے مرتبہ سے گر جاتے ہیں اور حیوانات سے بھی بدتر ہوجاتے ہیں، جیسا کہ قرآن مجید میں ہے (اُولٰٓئِکَ کَالۡاَنۡعَامِ بَلۡ ہُمۡ اَضَلُّ)’’اعراف، ۱۷۹‘‘ اللہ تعالیٰ نے اپنی کسی کمزوری کو دور کرنے کے لیے انسان کو زمین پر اپنا خلیفہ نہیں بنایا بلکہ یہ مقام انسانیت کے رتبہ کی فضیلت و کرامت و شان کی وجہ سے ہے۔ موجودات کے بارے رائے قائم کرتے وقت ان میں موجود تمام خوبیوں اور برائیوں کو سامنے رکھنا ہوگا۔ فرشتوں نے دیکھا کہ وہ حمد کے ہمراہ بہت زیادہ اللہ تعالیٰ کی تسبیح کرتے ہیں اور ابلیس نے بھی خود کو دیکھا کہ وہ انسان سے برتر ہے اس لیے اللہ تعالیٰ نے کہا:(اِنِّیۡۤ اَعۡلَمُ مَا لَا تَعۡلَمُوۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ نے پہلے انسان کی زندگی کے اسباب فراہم کئے پھر اسے خلق کیا (خَلَقَ لَکُمۡ مَّا فِی الۡاَرۡضِ جَمِیۡعًا ۔۔۔اِذۡ قَالَ رَبُّکَ لِلۡمَلٰٓئِکَۃِ)۔ حضرت علی علیہ السلام نے اس حوالے سے فرمایا:(فَلَمَّا مَهَدَ أَرْضَهُ وَ أَنْفَذَ أَمْرَهُ اِخْتَارَ آدَمَ عَلَيْهِ اَلسَّلاَمُ) جیسے ہی اللہ تعالیٰ نے زمین کو بچھا دیا اور اپنے حکم کو اس پر لاگو کردیا تو اس کے بعد انسان کو خلق کیا۔ انسان میں یہ لیاقت موجود ہے کہ وہ اشرف مخلوقات ہو اور الٰہی خلیفہ کے مقام کو پالے (جَاعِلٌ فِی الۡاَرۡضِ خَلِیۡفَۃً) البتہ جو ستمگار، ظالم اور گنہگار ہیں وہ اس مقام و مرتبہ سے محروم ہیں(لَا یَنَالُ عَہۡدِی الظّٰلِمِیۡنَ)’’بقرہ، ۱۲۴‘‘۔ اس بات کی توقع نہ رکھو کہ لوگ بے چوں و چرا آپ کی بات یا آپ کے اعمال کو قبول کرلیں گے، فرشتے بھی اللہ تعالیٰ سے سوال کرتے ہیں کہ ہم تیری حمد و ثناء کرتے ہیں، انسان کو کیوں خلق کررہا ہے؟ جبکہ وہ فساد پھیلانے والا ہے (قَالُوۡۤا اَتَجۡعَلُ فِیۡہَا)۔

آیت ۳۱:

اللہ تعالیٰ نے اسماء اور اس عالم کے اسرار حتی جمادات سے متعلق اسرار و رموز کو حضرت آدم علیہ السلام کو تعلیم دے دئے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام کا فرمان ہے ساری زمین، تمام پہاڑ، تمام درہ جات، تمام وادیاں، تمام دریا، یہاں تک کہ ہمارے پاؤں کے نیچے فرش سب کی معرفت و آگہی حضرت آدم علیہ السلام کو دے دی۔ فرشتوں پر انسان کی برتری علم کی بنیاد پر ہے (وَ عَلَّمَ اٰدَمَ۔۔۔)۔ دوسروں کے لیے بات کو واضح کرنے کے بہترین وسیلہ امتحان اور آزمانا ہے، امتحان کے ذریعہ اپنے نمائندوں میں درجہ بندی کی جائے تو کسی کو اعتراض نہ ہوگا (عَلَّمَ۔۔۔ثُمَّ عَرَضَہُمۡ۔۔۔فَقَالَ اَنۡۢبِـُٔوۡنِیۡ)۔

آیت ۳۲:

ابلیس اور فرشتوں میں سے ہر ایک خود کو ایک لحاظ سے آدم علیہ السلام سے برتر سمجھتے تھے، ابلیس خلقت کے لحاظ سے اپنے آپ کو حضرت آدم علیہ السلام سے برتر خیال کرتا تھا (اَنَا خَیۡرٌ مِّنۡہُ) ’’اعراف، ۱۲‘‘ جبکہ فرشتے عبادت(نَحۡنُ نُسَبِّحُ بِحَمۡدِکَ)کے لحاظ سے خود کو حضرت آدم علیہ السلام سے برتر خیال کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے سجدہ کرنے کا حکم برقرار رہا، ابلیس نے اس سے انکار کردیا لیکن فرشتوں کے لیےحقیقت عیاں ہوئی تو انہوں نے سجدہ کا حکم مان لیا اور پہلے انکار کرنے پر توبہ کرلی اور اللہ کے حضور معذرت پیش کی (سُبۡحٰنَکَ لَا عِلۡمَ لَنَاۤ)فرشتوں نے اپنی جہالت کا اقرار کر لیا۔ ہمیں اپنے جہل کا اقرار کرنا چاہیے (لَا عِلۡمَ لَنَاۤ)؛ فرشتوں نے کہا: ہم اپنی جہالت کا اقرار کرتے ہیں اور انہوں نے اپنے عمل سے ادب کی اعلیٰ مثال پیش کردی؛(سُبۡحٰنَکَ، لَا عِلۡمَ لَنَاۤ، عَلَّمۡتَنَا، اِنَّکَ اَنۡتَ الۡعَلِیۡمُ الۡحَکِیۡمُ)یہ کلمات ادب کی عالی شان مثال ہے۔ فرشتوں کا علم محدود ہے (لَا عِلۡمَ لَنَاۤ)۔

آیت ۳۳:

عمدہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں ظاہر کرنے کی کوشش کریں (اَنۡۢبِئۡہُمۡ بِاَسۡمَآئِہِمۡ)۔ علمی امتحانی مقابلہ جو اللہ تعالیٰ نے فرشتوں اور آدم علیہ السلام کے درمیان قرار دیا اس میں حضرت آدم علیہ السلام فرشتوں پر برتری پا گئے(فَلَمَّاۤ اَنۡۢبَاَہُمۡ بِاَسۡمَآئِہِمۡ)۔

آیت ۳۴:

قرآن مجید کے بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ ابلیس جنات سے تھا، وہ فرشتوں کے ہمراہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتا تھا (کَانَ مِنَ الۡجِنِّ)’’کہف، ۵۰‘‘۔ حضرت آدم علیہ السلام کے لیے سجدہ اس حوالے سے تھا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا حکم تھا تو تمام فرشتوں نے انسان کا سجدہ کیا، یہ حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی بندگی اور اسی کی عبادت تھی کیونکہ اللہ تعالیٰ کے حکم سے ایسا کیا گیا اور حقیقی عبادت وہی ہے جسے خدا نے چاہا ہے نہ کہ وہ عبادت جو اپنی مرضی کے مطابق ہو۔ ابلیس اس پر آمادہ تھا کہ ہزاروں سال اللہ تعالیٰ کی عبادت کرے لیکن آدم علیہ السلام کا سجدہ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ یہ بے انصافی ہے کہ سارے فرشتے تو اللہ تعالیٰ کا فرمان مان کر انسان کا سجدہ کریں اور انسان اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ نہ کرے۔ لیاقت اور صلاحیت سابقہ تجربے سے بہتر ہے۔ فرشتے جو قدیم الایام سے اللہ تعالیٰ کی عبادت کر رہے تھے انہیں حکم ملتا ہے کہ وہ حضرت آدم علیہ السلام کا سجدہ کریں (اسۡجُدُوۡا لِاٰدَمَ) جسے ابھی ابھی خلق کیا گیا ہے اور اسے خلیفہ اللہ کا تاج پہنادیا ہے ۔ عمل میں نافرمانی سے زیادہ خطرناک فرمان بارے بد اعتقادی ہے (اَبٰی وَ اسۡتَکۡبَرَ)۔

آیت ۳۵:

جنت دنیاوی باغات پر بھی بولا جاتا ہے جیساکہ سورہ قلم کی آیت ۱۷ میں ہے (اِنَّا بَلَوۡنٰہُمۡ کَمَا بَلَوۡنَاۤ اَصۡحٰبَ الۡجَنَّۃِ) ہم نے باغات کے مالکوں کا امتحان لیا۔ قرآن مجید کی دوسری آیات اور احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جس باغ میں حضرت آدم علیہ السلام نے سکونت اختیار کی تھی وہ بہشت نہیں تھی جس کے بارے صالحین اور مومنین کو وعددہ دیا گیا ہے کیونکہ وہ بہشت اعمال کا بدلہ اور عوض ہے جبکہ حضرت آدم علیہ السلام نے تو ابھی تک کچھ کام کیا ہی نہ تھا کہ ان کا استحقاق ہو کہ ان کے اعمال کے عوض میں انہیں جنت میں ٹھہرایا جائے(اَمۡ حَسِبۡتُمۡ اَنۡ تَدۡخُلُوا الۡجَنَّۃَ وَ لَمَّا یَعۡلَمِ اللّٰہُ الَّذِیۡنَ جٰہَدُوۡا مِنۡکُمۡ)’’آل عمران، ۱۴۲‘‘۔ جب کوئی شخص اس جنت موعود میں داخل ہوگا تو پھر اس سے باہر نہ آئے گا (وَ مَا ہُمۡ مِّنۡہَا بِمُخۡرَجِیۡنَ) ’’حجر، ۴۸‘‘۔ اس بہشت موعود میں امر و نہی نہیں جبکہ حضرت آدم علیہ السلام کو ایک درخت سے کچھ کھانے سے منع کیا گیا تھا۔ ائمہ اطہار علیہم السلام کی احادیث میں ہے کہ جس بہشت میں حضرت آدم علیہ السلام ٹھہرے تھے وہ بہشت موعود نہ تھی۔ حضرت آدم علیہ السلام کو درخت سے کھانے سے جو نہی کی گئی یہ نہی تکلیفی نہ تھی کہ اس کے ارتکاب سے حرام کا مرتکب ہوا جائے بلکہ یہ نہی ارشادی تھی کہ انہیں رہنمائی کی گئی تھی کہ وہ اس درخت سے نہ کھائیں۔ تربیت کے شیوں میں سے ہے کہ جب کسی کو کسی کام یا کسی چیز کے استعمال سے روکنا چاہیں تو شروع میں صحیح راستوں کو اس کے لیے کھلا چھوڑ دیں پھر اس کام یا اس چیز کے استعمال سے منع کریں، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (کُلَا مِنۡہَا رَغَدًا حَیۡثُ شِئۡتُمَا) اس کے بعد فرمایا: (لَا تَقۡرَبَا)۔ الٰہی اصولوں سے انحرا ف کرنا اپنے اوپر ظلم کرنا ہے (فَتَکُوۡنَا مِنَ الظّٰلِمِیۡنَ)، حضرت آدم علیہ السلام اور ان کی بیوی نے بھی اس طرح اپنے اوپر ظلم کیا (ظَلَمۡنَاۤ اَنۡفُسَنَا)’’اعراف، ۲۳‘‘

آیت ۳۶:

آیت (اِنِّیۡ جَاعِلٌ فِی الۡاَرۡضِ خَلِیۡفَۃً)سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان کی خلقت کا اصلی ہدف یہ تھا کہ وہ زمین پر زندگی گزارے، لیکن زمین پر زندگی گزارنے کے لیے کچھ تیاری کرنا تھی کہ حضرت آدم علیہ السلام کو معلوم رہے: وہ مطلق آزاد نہیں بلکہ اس کی زندگی میں امر و نہی، شرعی تکالیف، فرائض اور ذمہ داریاں ہیں۔ ابلیس انسان کا دشمن ہے، شیطان کی اطاعت انسان کو اس کی انسانیت سے گرا دے گی۔ توبہ گناہوں اور خلل و نقص کی تلافی ہے۔ شیطان انسان کا پرانا دشمن ہے کیونکہ پہلے دن ہی اس نے ہمارے باپ آدم علیہ السلام اور ماں حوا علیہاالسلام کو بھٹکانے کی کوشش کی (فَاَزَلَّہُمَا الشَّیۡطٰنُ)۔ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی اور ابلیس کے وسوسوں کے تلخ انجام سے عبرت حاصل کریں، شیطان کےوسوسوں سے خود کو بچائیں کیونکہ اگر ہم شیطان کے وسوسوں میں آگئے تو ہم اللہ تعالیٰ کی عنایات اور مہربانیوں سے محروم ہوجائیں گے (فَاَزَلَّہُمَا الشَّیۡطٰنُ۔۔۔فَاَخۡرَجَہُمَا)۔

آیت ۳۷:

اہل سنت اور شیعہ احادیث میں آیا ہے کہ وہ کلمات جن کے وسیلہ سے حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی وہ اللہ تعالیٰ کی بہترین مخلوق کو وسیلہ بنانا تھا، یعنی حضرت محمدﷺاور آپ کے اہل بیت اطہار علیہم السلام کو وسیلہ بنایا۔ اس حوالے سے تفسیر در منثور میں ابن عباس کی روایت ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام نے اپنی توبہ کی قبولیت کے لیے اللہ تعالیٰ کو ان ناموں کی قسم دی اور کہا: ’’بحق محمد و علی و فاطمہ والحسن و الحسین علیہم السلام‘‘۔ حقیقی توبہ کی جائے تو اللہ تعالیٰ اسے قبول کرتا ہے (ہُوَ التَّوَّابُ)۔ اللہ تعالیٰ رحمت و شفقت کے ہمراہ اپنےبندوں کی توبہ اور معذرت کو قبول کرتا ہے، اس میں ملامت اور ڈانٹ ڈپٹ نہیں ہوتی (التَّوَّابُ الرَّحِیۡمُ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 38 تا 48
قُلۡنَا ٱهۡبِطُواْ مِنۡهَا جَمِيعٗاۖ فَإِمَّا يَأۡتِيَنَّكُم مِّنِّي هُدٗى فَمَن تَبِعَ هُدَايَ فَلَا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ٣٨ وَٱلَّذِينَ كَفَرُواْ وَكَذَّبُواْ بِـَٔايَٰتِنَآ أُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ٣٩ يَٰبَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ ٱذۡكُرُواْ نِعۡمَتِيَ ٱلَّتِيٓ أَنۡعَمۡتُ عَلَيۡكُمۡ وَأَوۡفُواْ بِعَهۡدِيٓ أُوفِ بِعَهۡدِكُمۡ وَإِيَّٰيَ فَٱرۡهَبُونِ ٤٠ وَءَامِنُواْ بِمَآ أَنزَلۡتُ مُصَدِّقٗا لِّمَا مَعَكُمۡ وَلَا تَكُونُوٓاْ أَوَّلَ كَافِرِۭ بِهِۦۖ وَلَا تَشۡتَرُواْ بِـَٔايَٰتِي ثَمَنٗا قَلِيلٗا وَإِيَّٰيَ فَٱتَّقُونِ ٤١ وَلَا تَلۡبِسُواْ ٱلۡحَقَّ بِٱلۡبَٰطِلِ وَتَكۡتُمُواْ ٱلۡحَقَّ وَأَنتُمۡ تَعۡلَمُونَ ٤٢ وَأَقِيمُواْ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتُواْ ٱلزَّكَوٰةَ وَٱرۡكَعُواْ مَعَ ٱلرَّٰكِعِينَ ٤٣ ۞ أَتَأۡمُرُونَ ٱلنَّاسَ بِٱلۡبِرِّ وَتَنسَوۡنَ أَنفُسَكُمۡ وَأَنتُمۡ تَتۡلُونَ ٱلۡكِتَٰبَۚ أَفَلَا تَعۡقِلُونَ ٤٤ وَٱسۡتَعِينُواْ بِٱلصَّبۡرِ وَٱلصَّلَوٰةِۚ وَإِنَّهَا لَكَبِيرَةٌ إِلَّا عَلَى ٱلۡخَٰشِعِينَ ٤٥ ٱلَّذِينَ يَظُنُّونَ أَنَّهُم مُّلَٰقُواْ رَبِّهِمۡ وَأَنَّهُمۡ إِلَيۡهِ رَٰجِعُونَ ٤٦ يَٰبَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ ٱذۡكُرُواْ نِعۡمَتِيَ ٱلَّتِيٓ أَنۡعَمۡتُ عَلَيۡكُمۡ وَأَنِّي فَضَّلۡتُكُمۡ عَلَى ٱلۡعَٰلَمِينَ ٤٧ وَٱتَّقُواْ يَوۡمٗا لَّا تَجۡزِي نَفۡسٌ عَن نَّفۡسٖ شَيۡـٔٗا وَلَا يُقۡبَلُ مِنۡهَا شَفَٰعَةٞ وَلَا يُؤۡخَذُ مِنۡهَا عَدۡلٞ وَلَا هُمۡ يُنصَرُونَ ٤٨
ترجمہ
ہم نے کہا: تم سب اس جگہ نیچے آجاؤ، جس وقت تمہارے پاس میری طرف سے ہدایت آجائے پس جو میری ہدایت کی پیروی کرے اس کے لیے نہ تو ڈر و خوف ہے اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔(۳۸) اور وہ جنہوں نے کفر اختیار کیا اورہماری آیات کو جھٹلایا وہ دوزخی ہیں جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے۔(۳۹) اے بنی اسرائیل! ہم نے جو نعمت تمہیں دی ہے اسے یاد کرو اور جو عہد و پیمان میرے ساتھ باندھا ہے اسے پورا کرو تاکہ میں نے تمہیں جو وعدہ دیا ہے میں بھی اسے پورا کروں، تم صرف مجھ سے ہی ڈرو۔(۴۰) اور جو کچھ میں نے (قرآن سے) نازل کیا ہے اس پر ایمان لے آؤ جو تمہارے پاس موجود (کتاب میں اس کے بارے نشانی آئی) ہے اس کی تصدیق کرتا ہے اور تم اس کے پہلے کافر مت بنو اور ہماری آیات کو معمولی قیمت کے بدلے فروخت مت کرو اور صرف میرا تقویٰ اختیار کرو۔(۴۱) حق پر باطل کے ذریعہ پردہ مت ڈالو اور حقیقت جسے تم جانتے ہو اس پر پردہ مت ڈالو۔(۴۲) نماز قائم کرو اور زکات ادا کرو اور رکوع کرنے والوں کے ہمراہ رکوع کرو۔(۴۳) تم لوگوں کو تو نیکی کی دعوت دیتے ہو اور خود کو بھول جاتے ہو جبکہ تم (آسمانی) کتاب کو پڑھتے ہو، کیا تم سوچتے سمجھتے نہیں ہو؟(۴۴) صبر اور نماز کے وسیلہ سے مدد طلب کرو(اللہ کی جانب توجہ سے طاقت پکڑو) یہ کام خشوع و خضوع کرنے والوں کے علاوہ دوسروں پر بھاری ہے۔(۴۵) وہ جو جانتے ہیں کہ اپنے پروردگار کے پاس حاضر ہوں گے اور اس کی طرف پلٹ کر جائیں گے۔(۴۶) اے بنی اسرائیل! میں نے تمہیں جو نعمت دی ہے اسے یاد کرو کہ میں نے تمہیں تمام لوگوں (عالمین) پر برتری عطا کی۔(۴۷) اس دن سے ڈرو جس دن نہ کوئی کسی کا بدلہ بن سکے گا اور نہ کسی کی شفاعت قبول ہوگی اور نہ کسی سے کوئی معاوضہ لیا جائے گا اور اس دن کسی بھی حوالے سے مدد نہ کئے جاؤ گے۔(۴۸)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیات ۳۸۔۳۹:

اگرچہ حضرت آدم علیہ السلام اور حضرت حوا علیہاالسلام کا اپنی غلطی کا اعتراف سبب بنا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی توبہ قبول کر لی لیکن توبہ کے بعد وہ اس بہشتی باغ میں نہ گئے کیونکہ ان کی لغزش کے جو وضعی اثرات تھے وہ اپنی جگہ برقرار رہے؛ یہ اللہ تعالیٰ کی عفو و بخشش کے علاوہ ہیں۔ کسی کی لغزش اور فروگذاشت کی وجہ سے اسے اپنے سے دھتکارا نہ جائے کیونکہ وہ ہدایت لینے کے قابل ہے (یَاۡتِیَنَّکُمۡ مِّنِّیۡ ہُدًی)۔ حقیقی امن و سکون الٰہی دستورات کی پیروی میں ہے (فَمَنۡ تَبِعَ ہُدَایَ فَلَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ)۔

آیت ۴۰:

حضرت یعقوب علیہ السلام کا دوسرا نام اسرائیل ہے جو دو کلموں سے مرکب ہے ’’اسرا‘‘ اور ’’ئیل‘‘ اسرا ، عبد کے معنی میں ہے اور ’’ئیل‘‘ اللہ کو کہتے ہیں اس اعتبار سے اسرائیل کا معنی اللہ کا بندہ بنتاہے۔ اللہ تعالیٰ کے پیمان سے آسمانی کتابوں کے احکام اور فطری عہد وپیمان مراد ہیں جو اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کی خلقت کے وقت ان سے لیا ہے ۔ قرآن مجید میں امامت کے مسئلہ کو عہد الٰہی کہا گیا ہے(لَا یَنَالُ عَہۡدِی الظّٰلِمِیۡنَ) ’’بقرہ، ۱۲۴‘‘اس اعتبار سے عہد الٰہی سے وفاداری کا مطلب امام سے وفاداری، الٰہی رہبر و قائد کی بات کو ماننا اور اس کی اطاعت کرنا ہے جیسا کہ احادیث میں آیا ہے کہ نماز قائم کرنا عہد الٰہی کو پورا کرنا ہے’’اللہ تعالیٰ نے بندوں سے نماز کو قائم کرنے کا عہد لیا ہے‘‘۔ الٰہی نعمات کو یاد کرنا اللہ تعالیٰ کی اطاعت ہے (اذۡکُرُوۡا،اَوۡفُوۡا)۔ الٰہی مہربانیوں سے استفادہ اس امر سے مشروط ہے کہ الٰہی فرائض اور واجبات کی ادائیگی کے لیے قدم بڑھایا جائے، جی ہاں! اگر ہم اللہ تعالیٰ کے اطاعت گزار ہوں گے تو اللہ تعالٰی ہماری دعاؤں کو قبول کرے گا (اَوۡفُوۡا بِعَہۡدِیۡۤ اُوۡفِ بِعَہۡدِکُمۡ)۔

آیت ۴۱:

یہ آیت یہودی علماء سے مخاطب ہے اور ان سے کہا جارہا ہے کہ قرآن مجید ان بشارتوں سے ہم آہنگ ہے جو تمہاری کتابوں میں آئی ہیں، اے علماء یہود! تم ان بشارتوں کے مبلغ تھے اور اسلام کے آنے کا انتظار کررہے تھے، اب جب اسلام آیا تو تم کفر اپنانے میں پیش قدم نہ بنو کہ تمہاری وجہ سے یہودی عوام اسلام لانے سے انکاری ہوجائے۔ تورایت اور انجیل کے کچھ حصوں میں تحریف ہوجانا اس بات کا سبب نہیں کہ ان دو کتابوں میں بیان شدہ دوسرے مطالب کو نہ لیا جائے’’ جن میں تحریف نہیں ہوئی اور وہ اپنی اصلی شکل میں موجود ہیں‘‘ (مُصَدِّقًا لِّمَا مَعَکُمۡ)۔ علما کا انحراف دوسرے لوگوں کے انحراف کا سبب بنتا ہے (وَ لَا تَکُوۡنُوۡۤا اَوَّلَ کَافِرٍۭ)۔

آیت ۴۲:

حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں: اگر باطل کو اس کی حقیقی شکل میں پیش کیا جائے تو اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ اس طرح لوگ باطل سے آگاہ ہوجائیں گے اور اس کا ساتھ نہ دیں گے، اسی طرح اگر حق بھی خالص اور اسے بغیر کسی ملاوٹ کے پیش کیا جائے تو مخالفوں کی زبان بند ہوجائے گی۔ خطرہ اس صورت میں ہے جب حق اور باطل کو ملا کر پیش کیا جائے، باطل کو حق کے ساتھ ملا کر پیش کرنا شیطان پرستوں کے غالب آنے کا سبب بن سکتا ہے۔ وجدان اور فطرت اس بات کے گواہ ہیں کہ انسان حق کو چھپاتا ہے (وَ اَنۡتُمۡ تَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۴۳:

نماز کو باجماعت ادا کرنا چاہیے کیونکہ دین کی بنیاد اجتماع اور معاشرہ میں موجود رہنا اور اکیلا پن اور تنہائی سے دوری اختیار کرنا ہے (وَ ارۡکَعُوۡا مَعَ الرّٰکِعِیۡنَ)۔

آیت ۴۴:

احادیث میں ہے کہ جو عالم دوسروں کو بہشت کی دعوت دے لیکن خود جہنمی ہو اس کے لیے آخرت کے دن بہت زیادہ حسرت ہوگی۔ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام نے فرمایا: (طُوبَى لِلْعُلماءِ بِالفِعْلِ وَ وَیْلُ لِلْعُلماءِ بِالْقَوْلِ) خوش نصیب ہیں وہ علما جو اپنی گفتار پر عمل کرتے ہیں اور پھٹکار ہے ان علما پر جو گفتار کے مطابق عمل نہیں کرتے۔ قرآن مجید میں بے عمل عالم کو اس گدھے سے تشبیہ دی گئی ہے جس کی پشت پر کتابوں کا بوجھ لدا ہوا ہو کہ وہ ان کتابوں سے خود فائدہ نہیں اٹھاتا۔ دوسروں کو نیکی کے کاموں کا حکم دینے والے کو چاہیے کہ وہ خود اس پر عمل کرے (اَتَاۡمُرُوۡنَ النَّاسَ بِالۡبِرِّ وَ تَنۡسَوۡنَ اَنۡفُسَکُمۡ)۔

آیت ۴۵:

پیغمبراسلامﷺنے فرمایا: صبر کی تین قسمیں ہیں:۱۔ مصیبت آنے پر صبر کرنا، ۲۔عبادت انجام دینے پر صبر کرنا، ۳۔گناہ کو ترک کرنے پر صبر کرنا۔ احادیث میں آیا ہے کہ اس آیت میں صبر سے روزہ مراد ہے۔ یہ صبر کے مصادیق میں سے ایک کی طرف اشارہ ہے۔ رسول خداﷺ اور آپ جیسی شخصیات کے لیے نماز آنکھوں کا نور و ٹھنڈک ہے لیکن جن لوگوں میں خشوع نہیں ان کے لیے نماز بوجھ ہے۔ خشوع کا تعلق انسان کے قلب اور روح سے ہے جبکہ خضوع کا تعلق انسان کے جسم و بدن سے ہے۔ صبر اور نماز مشکلات برداشت کرنے کے لیے مضبوط سہارا ہیں (وَ اسۡتَعِیۡنُوۡا بِالصَّبۡرِ وَ الصَّلٰوۃِ)۔ ہم جس قدر اللہ تعالیٰ کے حضور عجز و انکساری اور خشوع و خضوع اور زیادہ عبادت کریں گے تو اس مقدار میں اس کی جانب سے زیادہ امدادات وصول کرسکیں گے اور مشکلات پر غالب آجائیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے (وَ اسۡتَعِیۡنُوۡا بِالصَّبۡرِ وَ الصَّلٰوۃِ)۔

آیت ۴۶:

اللہ تعالیٰ سے ملاقات سے وہی عرفانی حالت مراد ہے جسے خشوع کرنے والے نماز کی حالت میں حاصل کرپاتے ہیں کیونکہ نماز رب کے حضور حاضری ہے۔

آیت ۴۷:

بنی اسرائیل کی فضیلت اور برتری ان کے معاصر لوگوں پر ہے کیونکہ قرآن مجید نے امت اسلامیہ کے بارے میں فرمایا ہے (کُنۡتُمۡ خَیۡرَ اُمَّۃٍ) ’’ آل عمران، ۱۱۰‘‘ تم تمام امتوں میں بہترین امت ہو، البتہ یہ بھی ممکن ہے کہ اس سے مراد حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کی قوم بنی اسرائیل کی فرعون اور قوم فرعون پر برتری ہو ، اس سے ان کی اخلاقی اور اعتقادی برتری مراد نہ ہو، کیونکہ قرآن مجید نے بہت سارے مقامات پر بنی اسرائیل کے اخلاقیات پر تنقید کی ہے، ان کی بہانے تراشیاں، بے جا سوالات اور غلط عقائد کو بیان کیا ہے۔ نعمت اور فضیلت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے (اَنۡعَمۡتُ ، فَضَّلۡتُ)۔

آیت ۴۸:

اس آیت میں یہودیوں کے بعض غلط عقائد کو بیان کیا گیا ہے۔ وہ خیال کرتے تھے کہ قیامت کے دن ان کے آباء و اجداد ان کی شفاعت کریں گے۔ جس طرح بت پرستوں کا خیال تھا کہ بت ان کے سفارشی ہوں گے۔ کچھ لوگ مردہ کے ساتھ زیورات، سونا چاندی دفن کرتے تھے تاکہ اس کے گناہ کا تاوان ان کے ذریعہ ادا کرسکیں۔ وہ اس سے غافل تھے کہ قیامت کا دن دنیا سے مختلف ہے کہ دنیا میں کچھ لوگ مال و دولت اور پیسوں کے ذریعہ اپنی مشکلات کو حل کرلیتے ہیں، قیامت میں ایسا نہیں ہوگا۔ قیامت کے دن تمام تعلقات اور وسائل کاخاتمہ ہوجائے گا (تَقَطَّعَتۡ بِہِمُ الۡاَسۡبَابُ) ’’بقرہ، ۱۶۶‘‘، رشتہ داریاں ختم ہوجائیں گی (فَلَاۤ اَنۡسَابَ بَیۡنَہُمۡ)’’مومنون، ۱۰۱‘‘، معذرت کرنے والی زبان بند ہوجائے گی (وَ لَا یُؤۡذَنُ لَہُمۡ فَیَعۡتَذِرُوۡنَ) ’’مرسلات، ۳۶‘‘، مال و اولاد کام نہ آئیں گے (لَا یَنۡفَعُ مَالٌ وَّ لَا بَنُوۡنَ) ’’شعراء، ۸۸‘‘، رشتہ داریوں کا کچھ فائدہ نہ ہوگا (لَنۡ تَنۡفَعَکُمۡ اَرۡحَامُکُمۡ)’’ممتحنہ، ۳‘‘، ساری طاقتیں اور اقتدار بے اثر ہو گا (ہَلَکَ عَنِّیۡ سُلۡطٰنِیَہۡ)’’حاقہ، ۲۹‘‘۔ اللہ تعالیٰ کی شفاعت کے بغیر کوئی دوسرے کی شفاعت نہ کرسکے گا ( لَا یَشۡفَعُوۡنَ ۙ اِلَّا لِمَنِ ارۡتَضٰی)، کسی کا فدیہ قبول نہ ہوگا( لَا یُؤۡخَذُ مِنۡکُمۡ فِدۡیَۃٌ) ’’حدید، ۱۵‘‘ قرآن مجید کی تیس کے قریب آیات میں شفاعت کا ذکر ہوا ہے، ان آیات کو چند قسموں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے: ۱۔ کچھ آیات میں شفاعت کی نفی کی گئی ہے (یَوۡمٌ لَّا بَیۡعٌ فِیۡہِ وَ لَا خُلَّۃٌ وَّ لَا شَفَاعَۃٌ) ’’بقرہ، ۲۵۴‘‘۔ ۲۔ کچھ آیات میں شفاعت کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ مخصوص قرار دیا ہے(مَا لَکُمۡ مِّنۡ دُوۡنِہٖ مِنۡ وَّلِیٍّ وَّ لَا شَفِیۡعٍ) ’’سجدہ، ۴‘‘ اللہ کے سواء کوئی شفیع نہیں۔ ۳۔کچھ آیات میں شفاعت کو اللہ تعالیٰ کی اجازت سے مشروط قرار دیا ہے (مَنۡ ذَا الَّذِیۡ یَشۡفَعُ عِنۡدَہٗۤ اِلَّا بِاِذۡنِہٖ)’’بقرہ، ۲۵۵‘‘ کون ہے جو اللہ کے پاس شفاعت کرنے والا ہو مگر اس کی اجازت سے۔ ۴۔ کچھ آیات میں شفاعت لینے والوں کی شرائط بیان ہوئی ہیں، شفاعت ان کے لیے ہے جن سے اللہ تعالیٰ راضی ہو (وَ لَا یَشۡفَعُوۡنَ ۙ اِلَّا لِمَنِ ارۡتَضٰی) ’’انبیاء، ۲۸‘‘، ظالم کی شفاعت کرنے والا کوئی نہ ہوگا (مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ حَمِیۡمٍ وَّ لَا شَفِیۡعٍ) ’’غافر، ۱۸‘‘۔ مذکورہ آیات کی روشنی میں یہ واضح ہوتا ہے کہ شفاعت بغیر قید و شرط کے نہیں ہونی، جس میں شفاعت لینے کی شرائط موجود نہ ہوں اگرچہ وہ پیغمبر کی بیوی ہی کیوں نہ ہو اس کی شفاعت نہ ہوگی۔ لہذا شفاعت کے بارے عیسائیوں کا یہ عقیدہ درست نہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سولی پر چڑھ گئے تاکہ ہم گنہگاروں کی شفاعت کریں۔ دنیا میں گناہوں کی بخشش کے تین طریقے ہیں: ۱۔توبہ کرنا اور خطاؤں کی تلافی کرنا(اِلَّا الَّذِیۡنَ تَابُوۡا وَ اَصۡلَحُوۡا وَ بَیَّنُوۡا فَاُولٰٓئِکَ اَتُوۡبُ عَلَیۡہِمۡ ۚ وَ اَنَا التَّوَّابُ الرَّحِیۡمُ)’’بقرہ، ۱۶۰‘‘۔ ۲۔ گناہان کبیرہ کو چھوڑ دینا (اِنۡ تَجۡتَنِبُوۡا کَبَآئِرَ مَا تُنۡہَوۡنَ عَنۡہُ نُکَفِّرۡ عَنۡکُمۡ سَیِّاٰتِکُمۡ)’’نساء، ۳۱‘‘۔ ۳۔ نیک اعمال انجام دینا (اِنَّ الۡحَسَنٰتِ یُذۡہِبۡنَ السَّیِّاٰتِ)’’ھود، ۱۱۴‘‘۔ لیکن آخرت میں بخشش کا تنہا ذریعہ شفاعت اور اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت اور اس کا فضل و کرم ہے۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 49 تا 57
وَإِذۡ نَجَّيۡنَٰكُم مِّنۡ ءَالِ فِرۡعَوۡنَ يَسُومُونَكُمۡ سُوٓءَ ٱلۡعَذَابِ يُذَبِّحُونَ أَبۡنَآءَكُمۡ وَيَسۡتَحۡيُونَ نِسَآءَكُمۡۚ وَفِي ذَٰلِكُم بَلَآءٞ مِّن رَّبِّكُمۡ عَظِيمٞ ٤٩ وَإِذۡ فَرَقۡنَا بِكُمُ ٱلۡبَحۡرَ فَأَنجَيۡنَٰكُمۡ وَأَغۡرَقۡنَآ ءَالَ فِرۡعَوۡنَ وَأَنتُمۡ تَنظُرُونَ ٥٠ وَإِذۡ وَٰعَدۡنَا مُوسَىٰٓ أَرۡبَعِينَ لَيۡلَةٗ ثُمَّ ٱتَّخَذۡتُمُ ٱلۡعِجۡلَ مِنۢ بَعۡدِهِۦ وَأَنتُمۡ ظَٰلِمُونَ ٥١ ثُمَّ عَفَوۡنَا عَنكُم مِّنۢ بَعۡدِ ذَٰلِكَ لَعَلَّكُمۡ تَشۡكُرُونَ ٥٢ وَإِذۡ ءَاتَيۡنَا مُوسَى ٱلۡكِتَٰبَ وَٱلۡفُرۡقَانَ لَعَلَّكُمۡ تَهۡتَدُونَ ٥٣ وَإِذۡ قَالَ مُوسَىٰ لِقَوۡمِهِۦ يَٰقَوۡمِ إِنَّكُمۡ ظَلَمۡتُمۡ أَنفُسَكُم بِٱتِّخَاذِكُمُ ٱلۡعِجۡلَ فَتُوبُوٓاْ إِلَىٰ بَارِئِكُمۡ فَٱقۡتُلُوٓاْ أَنفُسَكُمۡ ذَٰلِكُمۡ خَيۡرٞ لَّكُمۡ عِندَ بَارِئِكُمۡ فَتَابَ عَلَيۡكُمۡۚ إِنَّهُۥ هُوَ ٱلتَّوَّابُ ٱلرَّحِيمُ ٥٤ وَإِذۡ قُلۡتُمۡ يَٰمُوسَىٰ لَن نُّؤۡمِنَ لَكَ حَتَّىٰ نَرَى ٱللَّهَ جَهۡرَةٗ فَأَخَذَتۡكُمُ ٱلصَّٰعِقَةُ وَأَنتُمۡ تَنظُرُونَ ٥٥ ثُمَّ بَعَثۡنَٰكُم مِّنۢ بَعۡدِ مَوۡتِكُمۡ لَعَلَّكُمۡ تَشۡكُرُونَ ٥٦ وَظَلَّلۡنَا عَلَيۡكُمُ ٱلۡغَمَامَ وَأَنزَلۡنَا عَلَيۡكُمُ ٱلۡمَنَّ وَٱلسَّلۡوَىٰۖ كُلُواْ مِن طَيِّبَٰتِ مَا رَزَقۡنَٰكُمۡۚ وَمَا ظَلَمُونَا وَلَٰكِن كَانُوٓاْ أَنفُسَهُمۡ يَظۡلِمُونَ ٥٧
ترجمہ
اس وقت کو یاد کرو جب ہم نے تمہیں فرعونیوں کے شر سے نجات دی کہ وہ مسلسل تمہیں آزار اور تکلیف پہنچاتے تھے، تمہارے بیٹوں کے سر قلم کرتے اور تمہاری عورتوں کو (کنیز بنانے کے لیے) باقی چھوڑ دیتے تھے، اس میں تمہارے رب کی طرف سے تمہارے لیے بڑی اور سخت آزمائش تھی۔(۴۹) جس وقت ہم نے دریا کو تمہارے لیے درمیان سے چیر دیا اور تمہیں نجات دی اور فرعونیوں کو ہم نے غرق کردیا اور تم اس منظر کا مشاہدہ کر رہے تھے۔(۵۰) اور جب ہم نے موسیٰ کے ساتھ چالیس دن کا وعدہ کیا اور اس کے وعدہ گاہ پر آنے کے بعد تم نے بچھڑا کو اپنا معبود بنالیا جبکہ تم اپنے اس عمل سے (اپنے اوپر) ظلم کرنے والے تھے۔(۵۱) تمہارے اس انحراف کے بعد ہم نے تمہارے اس گناہ سے درگزر کیا، یہ اس لیے کیا کہ تم اس نعمت کی قدردانی کرو اور اس کا شکر بجالاؤ۔(۵۲) اور جس وقت ہم نے موسیٰ کو تورایت دی کہ جو حق کو باطل سے جدا کرنے کا وسیلہ ہے تاکہ تم سب اس کے ذریعہ ہدایت پاسکو۔(۵۳) جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا: اے میری قوم!تم نے بچھڑے کو معبود بنا کر اپنے اوپر ظلم کیا ہے لہذا تم سب اپنے خالق کے حضور توبہ کرو اور واپس (اپنے رب کے پاس) پلٹ آؤ اور خود ہی اپنے ان افراد کو قتل کرو (جنہوں نے بچھڑا کی پرستش کی) یہ کام تمہارے رب کے ہاں تمہارے لیے بہتر ہے، پھر اللہ نے تمہاری توبہ قبول کرلی کیونکہ وہ توبہ کو قبول کرنے والا مہربان ہے۔(۵۴) اور جب انہوں نے یہ کہا: اے موسیٰ! ہم ہرگز تیرے اوپر ایمان نہیں لائیں گے مگر یہ کہ ہم اللہ کو آشکار اور ظاہر بظاہر اپنی آنکھوں سے دیکھ نہیں لیں!پس ایک آسمانی بجلی کی کڑک نے تمہاری جان لے لی جبکہ تم اس کا مشاہدہ کر رہے تھے۔(۵۵) پھر ہم نے تمہیں اس موت کے بعد دوبارہ زندگی بخش دی تاکہ تم شکر گزاری کرو۔(۵۶) بادل کو تمہارے سروں پر سائباں بنایا، تمہارے لیے من و سلویٰ اتارا اور ہم نے کہا کہ ہم نے تمہیں جو پاکیزہ نعمتیں دی ہیں ان سے کھاؤ، مگر انہوں نے (اپنی بہانہ تراشیوں سے) اس نعمت کا کفران کیا، یہ بات جان لو کہ انہوں نے ہمارے اوپر ستم نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنے اوپر ظلم کیا۔(۵۷)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۴۹:

فرعون مصری بادشاہوں کا عنوان تھا۔ کسریٰ ایران کے بادشاہوں پر بولا جاتا ہے۔ خاقان ترک بادشاہوں کا عنوان ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے زمانہ کا فرعون، رامسیس اول تھا جس کا جسد قاہرہ کے میوزیم میں محفوظ ہے (فَالۡیَوۡمَ نُنَجِّیۡکَ بِبَدَنِکَ لِتَکُوۡنَ لِمَنۡ خَلۡفَکَ اٰیَۃً)’’یونس، ۹۲‘‘۔ فرعون کی سزاؤں اور شکنجوں میں سے ایک یہ تھا کہ وہ لڑکوں کو قتل کردیتا تھا۔ وہ اس لیے بنی اسرائیل کے لڑکوں کو قتل کردیتا تھاکہ اس کے خواب کی تعبیر میں کہا گیا تھا کہ بنی اسرائیل سے ایک مرد پیدا ہوگا جو تیرا اور تیری سلطنت کا خاتمہ کردے گا۔ وہ اس سے بچنے کے لیے بنی اسرائیل میں پیدا ہونے والے لڑکوں کو قتل کردیتا تھا اور لڑکیوں کو چھوڑ دیتا تھا۔ سرکش اور ظالم حکمرانوں سے آزادی سب سے بڑی نعمت ہے، اس لیے اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو دی گئی تمام نعمات میں سے اس نعمت کا نام لیا ہے (نَجَّیۡنٰاکُمۡ۔۔۔)۔ مصیبت اور پریشانی میں مبتلا ہونا اور اس سے چھٹکارا حاصل کرنا دونوں کا مقصد آزمائش و امتحان ہے اور یہ دونوں انسان کی تربیت کا وسیلہ ہیں (بَلَآ ءٌ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ)۔ ظالم حکمران اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے ہر قسم کے ظلم و ستم اور قتل و غارت اور خون خرابہ کا سہارا لیتے ہیں (یَسُوۡمُوۡنَکُمۡ، یُذَبِّحُوۡنَ)۔

آیت ۵۰:

دریائے نیل سے بنی اسرائیل کے عبور کرنے کا واقعہ قرآن مجید کے چند سوروں میں بیان ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اپنا عصا دریا پر مارا تو دریا کے درمیان سے راستہ بن گیا اور دونوں اطراف میں دیوار بن گئی، اس طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بنی اسرائیل کے ہمراہ دریائے نیل کو پار کرلیا۔ اس آیت میں تین الٰہی معجزات بیان ہوئے ہیں: الف: دریا کا دو حصوں میں بٹ جانا۔ ب: بنی اسرائیل کا نجات پانا۔ ج: فرعونیوں کا غرق ہونا۔ اسباب کی تاثیر اللہ تعالیٰ کے حکیمانہ ارادہ کے تابع ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام جب اپنا عصا پتھر پر مارتے تھے تو اس سے پانی کا چشمہ ابلتا تھا (فَقُلۡنَا اضۡرِبۡ بِّعَصَاکَ الۡحَجَرَ ؕ فَانۡفَجَرَتۡ مِنۡہُ اثۡنَتَاعَشۡرَۃَ عَیۡنًا) ’’بقرہ، ۶۰‘‘ ہم نے کہا: اپنا عصا پتھر پر ماریں، پس اس میں سے بارہ چشمے پھوٹ نکلے۔ کبھی دریا کے پانی پر مار کر اس کو دو حصوں میں بانٹ دیتے اور اس کے درمیان سے گزرنے کا راستہ بن جاتا تھا (فَرَقْنَا بِکُمُ البَحرَْ)۔ تاریک رات کے بعد صبح کی روشنی نکل آتی ہے، بنی اسرائیل پر فرعونیوں کے ظلم و ستم، اذیتوں، قتل و غارت اورعصمت دری کے بعد انہیں نجات ملی اور وہ امن و سکون اور آسائش کے ساتھ زندگی گزارنے لگے(فَاَنۡجَیۡنٰاکُمۡ)۔ مظلوموں کی نظروں کے سامنے ستمگروں سے انتقام لینا ان مصائب کا مداوا ہے جو انہوں نے ظالموں سے سہے ہوتے ہیں (اَنۡتُمۡ تَنۡظُرُوۡنَ)۔

آیت ۵۱:

حضرت موسیٰ علیہ السلام کا نام قرآن مجید کے ۳۶ سوروں میں ۱۳۶ مرتبہ آیا ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی وعدہ گاہ کا ماجرا سورہ اعراف اور سورہ طہٰ میں بھی بیان ہوا ہے۔ وعدہ کی جگہ کوہ طور تھا۔ شروع میں اس کی مدت تیس راتیں تھا۔ وعدہ گاہ میں آنے کے بعد اس میں دس راتوں کا اضافہ ہوگیا۔ اگرچہ حضرت ہارون علیہ السلام بنی اسرائیل کے پاس موجود تھے لیکن اس کے باوجود بنی اسرائیل اپنے اوپر اللہ تعالیٰ کی مہربانیوں کو بھول گئے اور چمڑے کے بنائے گئے بچھڑے کے گرد جمع ہوگئے جسے سامری نے سونے سے بنایا تھا۔ بنی اسرائیل نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی عدم موجودگی میں اس کی پوجا شروع کردی۔ قرآنی آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے اس وعدہ گاہ میں جانے کے تین مقاصد تھے:۱۔تورایت وصول کرنا، ۲۔ حضرت ہارون علیہ السلام کو اپنا جانشین بنانے کا مقام ثابت کرنا، ۳۔ بنی اسرائیل کا امتحان لینا۔ بنی اسرائیل کے الٰہی امتحان میں ناکام ہونے کے چند اسباب تھے جو اس طرح ہیں: الف: بنی اسرائیل میں حضرت موسیٰ علیہ السلام جیسی شخصیت کا موجود نہ ہونا۔ ب: سامری جیسے گمراہ ہنرمند کی موجودگی۔ ج:سونے اور ان آلات سے استفادہ جو بہت ہی چمک دمک رکھتے تھے۔ د: تبلیغاتی شور شرابہ اور زور و شور سے پروپیگنڈہ کرنا۔ کیونکہ سامری کا گوسالہ آواز نکالتا تھا۔ ھ:سادہ لوح ، محدود سوچ رکھنے والے اور جلد باز لوگ جن کا ایمان عمیق اور مضبوط نہ تھا۔ و: ماضی میں ان کی گوسالہ پرستی۔ یہ عوامل بنی اسرائیل کی گوسالہ پرستی کا سبب بنے۔ لوگوں سے دور ہوکر تنہائی کے عالم میں چالیس روز تک عبادت کرنے کے خاص اثرات ہیں(اَرۡبَعِیۡنَ لَیۡلَۃً)۔ شرک انسانیت پر ظلم ہے، کیونکہ شرک کرکے انسان خود کو اللہ تعالٰی سے جدا کرلیتا ہے اور اپنے آپ کو نااہلوں کے سپرد کردیتا ہے(وَ اَنۡتُمۡ ظٰلِمُوۡنَ)۔

آیت ۵۲:

شرک سے توبہ، ایمان لانا اور شہادتین کا اظہار کرنا ہے کیونکہ انبیاء کی بعثت انسان کو شرک اور کفر سے نجات دلاتی ہے، لہذا یہ آیت کہ (اِنَّ اللّٰہَ لَا یَغۡفِرُ اَنۡ یُّشۡرَکَ بِہٖ)’’نساء، ۴۸،۱۱۶‘‘کہ اللہ شرک کو معاف نہیں کرے گا، یہ ان کے لیے ہے جو شرک کی حالت میں دنیا سے چلے جائیں اور مرنے سے پہلے وہ توحید اور یکتا پرستی کی طرف واپس نہ پلٹیں۔ گوسالہ پرست اور مشرک بھی توبہ کر کے توحید کی طرف واپس پلٹ سکتا ہے(ثُمَّ عَفَوۡنَا)۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے اسباب میں سے ایک اس کی بخشش اور گناہوں سے درگزر کرنا ہے (ثُمَّ عَفَوۡنَا۔۔۔ لَعَلَّکُمۡ تَشۡکُرُوۡنَ)۔

آیت ۵۳:

ہوسکتا ہے کہ ’’فرقان‘‘ جو کہ کتاب کے ساتھ آیا ہے اس سے وہ نو معجزات مراد ہوں جو تورایت کے علاوہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو دئے گئے، اس بنا پر اس آیت کا معنی یہ ہوگا کہ ہم نے موسیٰ کو تورایت اور اس کے علاوہ نو معجزات دئے۔ آسمانی کتابیں حق کو بیان کرتی ہیں اور حق کو باطل سے جدا کرتی ہیں (الۡکِتٰبَ وَ الۡفُرۡقَانَ)۔ اللہ تعالیٰ کی جانب سے حجت تمام ہے لیکن لوگ نفسانی خواہشات کی وجہ سے بعض دفعہ حق کو قبول نہیں کرتے (لَعَلَّکُمۡ تَہۡتَدُوۡنَ)۔

آیت ۵۴:

قتل نفس کا حکم جو اس جملہ میں ہے ( فَاقۡتُلُوۡۤا اَنۡفُسَکُمۡ) اس سے خودکشی مراد نہیں بلکہ اس سے ایک دوسرے کو قتل کرنا مراد ہے، اس آیت کی مانند (لَا تَلۡمِزُوۡۤا اَنۡفُسَکُمۡ)’’حجرات، ۱۱‘‘ ایک دوسرے کو طعنہ مت دو، یا یہ آیت (فَسَلِّمُوۡا عَلٰۤی اَنۡفُسِکُمۡ)’’نور، ۶۱‘‘ ایک دوسرے کو سلام کرو۔ جس قدر زیادہ برہان، معجزہ اور دلیل پیش کئے جائیں اتنا ہی ذمہ داری بڑھ جائےگی اور اس ذمہ داری کو پورا نہ کرنا زیادہ خطرناک ہوگا۔ اتنے سارے معجزات دیکھنے کے بعد گوسالہ پرستی کی سزا پھانسی کے سوا کچھ نہیں (فَتُوۡبُوۡۤا۔۔۔ فَاقۡتُلُوۡۤا اَنۡفُسَکُم)۔ الٰہی حدود کا نفاذ ہر صورت میں کرنا ہوگا اگرچہ اس کا انجام انسان کا قتل ہی کیوں نہ ہو، اور یہ خود انسان کے فائدے میں ہے( فَاقۡتُلُوۡۤا ۔۔۔ ذٰلِکُمۡ خَیۡرٌ لَّکُمۡ)۔

آیت ۵۵:

منتخب افراد کی جو جماعت حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ہمراہ مناجات اور اللہ تعالیٰ سے کلام سننے کے لیے کوہ طور پر آئے تھے جب انہوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام اور اللہ تعالیٰ کی بات کو سنا تو کہنے لگے: ہمیں کیسے معلوم ہو کہ یہ آواز اللہ تعالیٰ کی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں، تب ہی ہم مانیں گے کہ یہ آواز اللہ تعالیٰ کی ہے۔ اس آیت میں پیغمبر اکرمﷺ کو تسلی دی گئی ہے کہ آپ لوگوں کے بے ہودہ مطالبات سے نہ گھبرائیں اور اس سے پریشان نہ ہوں کیونکہ لوگوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے اس سے بھی زیادہ بے ہودہ مطالبات کئے۔ ضد بازی اور ہٹ دھرمی کا انجام خسارت اور بے ادبی ہے، ہمیں ماضی کے لوگوں کی بے ہودہ توقعات اور ان کے انجام سے عبرت لینا چاہیے (لَنۡ نُّؤۡمِنَ ۔۔۔ فَاَخَذَتۡکُمُ)۔

آیت ۵۶:

آسمانی بجلی کی کڑک سے مرنے والوں کا دوبارہ زندہ ہوجانا حضرت موسیٰ علیہ السلام کی پریشانی اور ان کی دعا کا نتیجہ تھی کہ اس بارے سورہ اعراف کی آیت ۱۵۵ میں بیان ہوا ہے ۔ رجعت محال نہیں بلکہ ممکن ہے، بعض مرنے والوں کو اسی دنیا میں دوبارہ زندہ کیا جائے (بَعَثۡنٰکُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَوۡتِکُمۡ)۔ تلخ واقعات اور ناگوار حالات سے نجات پانے کے بعد انسان کے اندر شکرگزاری کا جذبہ پیدا ہوتا ہے (بَعَثۡنٰکُمۡ، لَعَلَّکُمۡ تَشۡکُرُوۡنَ)۔

آیت ۵۷:

جب بنی اسرائیل کو فرعون کی ظالم حکومت سے نجات ملی تو انہیں دستور دیا گیا کہ وہ سرزمین فلسطین میں وارد ہوں، لیکن انہوں نے یہ بہانہ بنایا کہ اس جگہ ظالم و جابر ابھی تک موجود ہیں اور یوں انہوں نے اس فرمان پر عمل کرنے سے گریز کیا اور حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے ہمراہ ان کے خلاف جنگ کے لیے جائیں، ہم اسی جگہ پر بیٹھے ہیں۔ اس پر اللہ تعالیٰ کے غضب نے انہیں گھیر لیا اور چالیس سال تک اسی ویران صحرا میں دربدر ہوتے رہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس جگہ ان کے لیے بادلوں کا سایہ بنایا اور ان کے لیے دو قسم کی غذا مہیا کی جن کا نام ’’من و سلویٰ‘‘ تھا۔ بارش، بادل اور ہوا سب اللہ تعالیٰ کے حکم کے تابع ہیں (ظَلَّلۡنَا عَلَیۡکُمُ الۡغَمَامَ)۔ خدا کا رازق ہونامخصوص حالات سے مختص نہیں ہے، اللہ تعالیٰ خشک اور ویران صحرا میں بھی روزی عطا کرتا ہے (وَ اَنۡزَلۡنَا عَلَیۡکُمُ الۡمَنَّ وَ السَّلۡوٰی)۔ اللہ تعالیٰ نے حلال اور پاکیزہ رزق کھانے کا حکم دیا ہے (طَیِّبٰتِ مَا رَزَقۡنٰکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کے حکم کی نافرمانی اپنے اوپر ظلم و ستم ہے (اَنۡفُسَہُمۡ یَظۡلِمُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 58 تا 61
وَإِذۡ قُلۡنَا ٱدۡخُلُواْ هَٰذِهِ ٱلۡقَرۡيَةَ فَكُلُواْ مِنۡهَا حَيۡثُ شِئۡتُمۡ رَغَدٗا وَٱدۡخُلُواْ ٱلۡبَابَ سُجَّدٗا وَقُولُواْ حِطَّةٞ نَّغۡفِرۡ لَكُمۡ خَطَٰيَٰكُمۡۚ وَسَنَزِيدُ ٱلۡمُحۡسِنِينَ ٥٨ فَبَدَّلَ ٱلَّذِينَ ظَلَمُواْ قَوۡلًا غَيۡرَ ٱلَّذِي قِيلَ لَهُمۡ فَأَنزَلۡنَا عَلَى ٱلَّذِينَ ظَلَمُواْ رِجۡزٗا مِّنَ ٱلسَّمَآءِ بِمَا كَانُواْ يَفۡسُقُونَ ٥٩ ۞ وَإِذِ ٱسۡتَسۡقَىٰ مُوسَىٰ لِقَوۡمِهِۦ فَقُلۡنَا ٱضۡرِب بِّعَصَاكَ ٱلۡحَجَرَۖ فَٱنفَجَرَتۡ مِنۡهُ ٱثۡنَتَا عَشۡرَةَ عَيۡنٗاۖ قَدۡ عَلِمَ كُلُّ أُنَاسٖ مَّشۡرَبَهُمۡۖ كُلُواْ وَٱشۡرَبُواْ مِن رِّزۡقِ ٱللَّهِ وَلَا تَعۡثَوۡاْ فِي ٱلۡأَرۡضِ مُفۡسِدِينَ ٦٠ وَإِذۡ قُلۡتُمۡ يَٰمُوسَىٰ لَن نَّصۡبِرَ عَلَىٰ طَعَامٖ وَٰحِدٖ فَٱدۡعُ لَنَا رَبَّكَ يُخۡرِجۡ لَنَا مِمَّا تُنۢبِتُ ٱلۡأَرۡضُ مِنۢ بَقۡلِهَا وَقِثَّآئِهَا وَفُومِهَا وَعَدَسِهَا وَبَصَلِهَاۖ قَالَ أَتَسۡتَبۡدِلُونَ ٱلَّذِي هُوَ أَدۡنَىٰ بِٱلَّذِي هُوَ خَيۡرٌۚ ٱهۡبِطُواْ مِصۡرٗا فَإِنَّ لَكُم مَّا سَأَلۡتُمۡۗ وَضُرِبَتۡ عَلَيۡهِمُ ٱلذِّلَّةُ وَٱلۡمَسۡكَنَةُ وَبَآءُو بِغَضَبٖ مِّنَ ٱللَّهِۚ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمۡ كَانُواْ يَكۡفُرُونَ بِـَٔايَٰتِ ٱللَّهِ وَيَقۡتُلُونَ ٱلنَّبِيِّـۧنَ بِغَيۡرِ ٱلۡحَقِّۚ ذَٰلِكَ بِمَا عَصَواْ وَّكَانُواْ يَعۡتَدُونَ ٦١
ترجمہ
اس وقت کو یاد کرو جب ہم نے تم سے کہا کہ تم اس بستی (بیت المقدس) میں داخل ہوجاؤ اور اس کی بے حساب نعمتوں سے جو تم چاہو کھاؤ پیو اور (بیت المقدس سے) سجدہ کرتے ہوئے(خشوع و خضوع کے ساتھ) داخل ہو جاؤ اور کہو:(اے خدا!) ہمارے گناہوں کو مٹادو تاکہ ہم تمہاری خطاؤں کو بخش دیں اور ہم نیکوکاروں کو زیادہ اجر عطا کریں گے۔(۵۸) لیکن ا ن کے ستمگروں نے اس بات کو ایک اور جملہ سے بدل دیا جو ہم نے ان سے کہا تھا، ان ظالموں پر اس گناہ کی وجہ سے جس کا انہوں نے ارتکاب کیا تھا، آسمان سے عذاب کو اتارا دیا۔(۵۹) جس وقت موسیٰ نے اپنی قوم کے لیے پانی طلب کیا تو ا س سے ہم نے کہا: اپنے عصا کو پتھر پر مارو، اچانک اس سے بارہ چشمے ابل پڑے اس طرح کہ ہر گروہ کے لیے ان کے بارہ قبیلوں سے جو بنی اسرائیل کے تھے پانی مخصوص قرار دیا گیا، ہم نے کہا: اللہ کے رزق سے کھاؤ پیو اور زمین میں تباہی پھیلانے والے فسادی نہ بنو۔(۶۰) اور جس وقت تم نے یہ کہا: اے موسیٰ! ہم ایک قسم کی غذا کو تحمل نہیں کرسکتے، پس تم اپنے رب سے دعا مانگو کہ جو کچھ زمین سے اگتا ہے، سبزی جات ، ککڑی، لہسن، پیاز اور عدس (دال مسور) کو ہمارے لیے نکالے، موسیٰ نےکہا: کیا تم بہتر غذا کے بدلے پست غذا کو چاہ رہے ہو، اب اگر ایسا ہے تو پھر شہر میں وارد ہوجاؤ کہ اس میں تم جو چاہو گے وہ تمہارے لیے مہیا ہوگا، پس ان پر ذلت و رسوائی کا ٹھپہ لگا دیا گیا، اس مرتبہ و ہ ایک بار پھر اللہ کے غضب کا شکار ہوگئے، یہ اس وجہ سے ہے کہ انہوں نے اللہ کی آیات کو جھٹلایا تھا، ناحق پیغمبروں کو قتل کیا اور یہ اس وجہ سے تھا کہ وہ گنہگار سرکش اور حد سے آگے بڑھنے والے تھے۔(۶۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۵۸:

جیسا سورہ مائدہ آیت ۲۱ میں آیا ہے اس آیت میں قریہ سے بیت المقدس مراد ہے۔ چالیس سال بے آب و گیاہ صحرا میں سرگردان پھرنے کے بعد بنی اسرائیل کو حکم دیا گیا کہ وہ بیت المقدس شہر میں داخل ہوں اور اس کے عبادت خانہ میں جائیں۔ جب مسجد میں داخل ہونے لگیں تو کلمہ (حِطَّۃ) کہتے جائیں۔ (حِطَّۃ) گناہوں کے ختم ہونے، معافی مانگے اور توبہ کے اظہار کے لیے تھا۔ تفسیر اطیب البیان میں ہے: باب سے شہر کا دروازہ مراد نہیں بلکہ مسجد کا دروازہ مراد ہے کہ اب بھی یہ دروازہ باب الحطہ کے نام سے موجود ہے اور ’’سجّداً‘‘سے مراد مسجد میں وارد ہونے کے بعد سجدہ شکر بجالانا ہے۔ مقدس مقامات میں داخل ہونے کے لیے مخصوص آداب ہیں (ادۡخُلُوۡا۔۔۔سُجَّدًا)۔ بخشش ملنا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے لیکن استغفار اور طلب آمرزش ہماری طرف سے ہو (قُوۡلُوۡا حِطَّۃٌ نَّغۡفِرۡ لَکُمۡ)۔ دعا کے آداب اور توبہ کا طریقہ اللہ تعالیٰ سے سیکھیں (ادۡخُلُوۡا،سُجَّدًا وَّ قُوۡلُوۡا حِطَّۃٌ)۔ اللہ تعالیٰ کے دستورات کے مطابق عمل کرنا ہماری بخشش کا وسیلہ ہے (ادۡخُلُوۡا،قُوۡلُوۡا، نَغۡفِرۡ لَکُمۡ)۔ استغفار گناہوں کی بخشش کا وسیلہ ہے اور نیکوکار کے لیے درجہ کی بلندی ہے (نَغۡفِرۡ لَکُمۡ خَطٰیٰکُمۡ ؕ وَ سَنَزِیۡدُ الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔

آیت ۵۹:

سورہ اعراف کی آیات ۱۶۱ و ۱۶۲ اس آیت کی مانند ہیں اور پہلی آیت تکرار ہوئی ہے۔ کلمہ ’’رجز‘‘ عذاب کے معنی میں ہے اور طاعون کی بیماری اور اضطرار کی کیفیت کے معنی کے لیے بھی استعمال ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی سنت نزول رحمت ہے، اسی لیے بنی اسرائیل پر بہترین غذا ’’من و سلویٰ‘‘ نازل ہوئی لیکن ان کے انحراف اور ناقدری کی وجہ سے ان پر عذاب نازل ہوا۔ ظلم اور گناہ قانون کی تحریف اور تبدیلی کا سبب ہوتا ہے (فَبَدَّلَ الَّذِیۡنَ ظَلَمُوۡا)۔ جب کام کا طریقہ بیان نہ ہو تو انسان آزاد ہے کہ وہ جس طرح مرضی کام کرے لیکن جب اعمال کا طریقہ بتا دیاجائے تو پھر اس طریقہ میں تبدیلی لانے کی اجازت نہیں ہے (قِیۡلَ لَہُمۡ)۔ جو الٰہی قوانین میں تحریف کرتے ہیں تو ان کی سزا الٰہی قہر و عذاب ہے (رِجۡزًا مِّنَ السَّمَآءِ)۔ ساری سزائیں اور تمام ثوابات آخرت سے مربوط نہیں ہیں بلکہ بعض سزائیں اسی دنیا میں ملتی ہیں (فَاَنۡزَلۡنَا ۔۔۔رِجۡزًا مِّنَ السَّمَآءِ)۔ اگر کج روی انسان کی عادت بن جائے تو اللہ تعالٰی کا غضب اسے گھیر لیتا ہے (کَانُوۡا یَفۡسُقُوۡنَ)۔

آیت ۶۰:

شاید بارہ کے عدد میں کوئی راز پوشیدہ ہو کہ سال کے مہینے بارہ ہیں، بنی اسرائیل کے نقباء بارہ تھے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواری بارہ تھے اور ائمہ معصومین علیہم السلام بارہ ہیں۔ اس آیت میں (مُفۡسِدِیۡنَ) کے لفظ کے ساتھ ( لَا تَعۡثَوۡا) آیا ہے۔ ’’عثوا‘‘ شدید فتنہ و فساد کو کہا جاتا ہے۔ ان دو کلمات کا ایک ساتھ آنا شاید اس لیے ہو کہ فساد کے بارے سوچنے اور اس پر توجہ کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے؛ فسادی مزاج کے قریب ہونے سے نہی کی گئی ہے ۔ کیونکہ غیر عمدی لغزش اور بغیر منصوبہ کے فساد انگیزی سے معافی مل جائے گی لیکن جہاں منصوبہ بندی اور پوری توجہ کے ساتھ فتنہ و فساد ہو تو ایسے جرم کی معافی نہیں۔ انبیاء لوگوں کی مادی ضروریات کو بھی پوری کرنے کی فکر میں بھی تھے (اِذِ اسۡتَسۡقٰی مُوۡسٰی لِقَوۡمِہٖ)۔ ہر چیز حتیٰ پانی پینے کی صلاحیت کو بھی اللہ تعالیٰ سے مانگیں (اسۡتَسۡقٰی)۔ کائنات پر لاگو قوانین اللہ تعالیٰ کے ارادے کے تابع ہیں (اضۡرِبۡ، فَانۡفَجَرَتۡ)۔ اللہ تعالیٰ اسباب کو بنانے والا بھی ہے اور اسباب کا خاتمہ کرنے والا بھی ہے؛ ایک عصا سے پتھر پر ضرب لگانے سے بارہ چشمے ابل پڑتے ہیں اور اسی عصاء کے ذریعہ پانی کو خشک کرکے دریا کے درمیان سے راستہ بنا دیتا ہے۔ انبیاء کی دعا قبول ہوتی ہے (اسۡتَسۡقٰی ، فَانۡفَجَرَتۡ)۔ عصا کو پتھر پر مارنے سے پانی نکلنا معجزہ ہے اور بارہ قبیلوں کے لیے بارہ چشمے بن جانا دوسرا معجزہ ہے (اثۡنَتَاعَشۡرَۃَ عَیۡنًا)۔ منظم انداز سے اور عادلانہ تقسیم امن و سکون کا سبب اور اختلافات پیدا ہونے سے بچاؤ ہے (قَدۡ عَلِمَ کُلُّ اُنَاسٍ مَّشۡرَبَہُمۡ)ہر ایک کو اپنا چشمہ معلوم تھا۔ الٰہی نعمات سے بہرہ ور ہونا فتنہ و فساد کا سبب نہ بنے (کُلُوۡا وَ اشۡرَبُوۡا ۔۔۔وَ لَا تَعۡثَوۡا)۔ فتنہ و فساد کا راستہ روکنے کے لیے انسان پر اللہ تعالیٰ کی نوازشوں اور مہربانیوں کو اسے یاد دلایا جائے (کُلُوۡا وَ اشۡرَبُوۡا ۔۔۔وَ لَا تَعۡثَوۡا)۔

آیت ۶۱:

بنی اسرائیل اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمات کی قدردانی اور شکر گزاری کی بجائے مزید متنوع نعمات کے حصول کی فکر میں پڑ گئے۔ ’’من و سلویٰ‘‘جو آسمانی غذا تھی اس کے بدلے زمینی غذا طلب کی اور نمونہ کے طور پر چند کا ذکر کیا جن میں سبزی جات، ککڑی، پیاز اور لہسن جیسی چیزیں شامل تھیں۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے انہیں ایسی درخواست دینے سے منع کیا اور کہا تم کس طرح بہتر غذا کو پست تر غذا سے تبدیل کررہے ہو؟ آپ نے ان سے کہا: اگر یہ سب کچھ حاصل کرنا چاہتے ہو تو پھر اس جگہ کو چھوڑ دو اور شہر میں داخل ہونے کے لیے جنگ کرو کہ ایک طرف تو تمہارے اندر جہاد کا ولولہ نہیں ہے اور دوسری طرف شہر نشینوں کے جتنے امتیازات ہیں وہ بھی مانگتے ہو، آخر کار یہ قوم ان تمام خصوصیات کے باوجود خوار و ذلیل ہوگئےاوران پر اللہ تعالیٰ کا قہر و غضب نازل ہوا۔ انسان کی زیادہ خواہی اسے اپنا اسیر بنا دیتی ہے سامراجی طاقتیں بھی لوگوں کو ان کی اسی خواہش کی بنیاد پر انہیں اپنا غلام بناتے ہیں اور روٹی، کپڑا، مکان اور سوار ی کا وعدہ دے کر لوگوں کو اپنا قیدی بناتے ہیں(لَنۡ نَّصۡبِرَ عَلٰی طَعَامٍ وَّاحِدٍ ۔۔۔اِہۡبِطُوۡا)۔ عیاشی طلبی انسان کے زوال اور انسانیت کے بلند مقام سے گرنے کا سبب ہے (لَنۡ نَّصۡبِرَ۔۔۔ ضُرِبَتۡ عَلَیۡہِمُ الذِّلَّۃُ ۔۔۔)۔ بے ادبی، سرکشی اور بغاوت کی نشانی ہے، وہ (لَنۡ نَّصۡبِرَ) کی بجائے کہہ سکتے تھے ’’ایک قسم کی غذا ہمیں پسند نہیں‘‘ اور (فَادۡعُ لَنَا رَبَّکَ) کی بجائے کہہ سکتے تھے (فَادۡعُ لَنَا رَبنا) لیکن انہوں نے گستاخانہ انداز اپنایا۔ بنی اسرائیل برتری طلب اور پر توقع قوم ہے (فَادۡعُ لَنَا،یُخۡرِجۡ لَنَا)۔ جزوی چاہتوں کا بیان کرنا، تعلق اور وابستگی کی شدت، حقیرانہ طبیعت اور پست مزاجی کی نشانی ہے (بَقۡل،قِثَّآء، فُوۡم،عَدَس، بَصَل)۔ اللہ تعالٰی کی رضا پر راضی رہنا اور اس پر صبر کرنا انسان کے لیے بہتر اور اس کی مصلحت کا ضامن ہے (اَتَسۡتَبۡدِلُوۡنَ الَّذِیۡ ہُوَ اَدۡنٰی بِالَّذِیۡ ہُوَ خَیۡرٌ)۔ شہر ی زندگی اور معاشرے میں ہر طرح کی سہولیات کا مسیر ہونا انسان کی ترقی اور اس کے رشد و ارتقاء کی علامت نہیں بلکہ بعض اوقات یہ امور انسان کے زوال اور گراوٹ کا سبب بن جاتے ہیں (اِہۡبِطُوۡا مِصۡرًا)۔ خطرناک کاموں کا سرچشمہ انحرافی اور گمراہ کن افکار ہیں( یَکۡفُرُوۡنَ، یَقۡتُلُوۡنَ)۔ انبیاء کی تاریخ اللہ تعالیٰ کے راستہ میں شہادتوں سے جڑی ہوئی ہے (یَقۡتُلُوۡنَ النَّبِیّٖنَ)۔ مسلسل ظلم و ستم اور گناہ کا ارتکاب کفر کا سبب ہے اور کفر بڑے جرائم کا سبب ہے( یَکۡفُرُوۡنَ، عَصَوۡا)۔ ذلت و بدبختی قوم و قبیلہ سے مربوط نہیں بلکہ انسانوں کے عقائد، اعمال اور اخلاق و کردار سے مربوط ہے (ذٰلِکَ بِاَنَّہُمۡ کَانُوۡا یَکۡفُرُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 62 تا 69
إِنَّ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَٱلَّذِينَ هَادُواْ وَٱلنَّصَٰرَىٰ وَٱلصَّٰبِـِٔينَ مَنۡ ءَامَنَ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِ وَعَمِلَ صَٰلِحٗا فَلَهُمۡ أَجۡرُهُمۡ عِندَ رَبِّهِمۡ وَلَا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ٦٢ وَإِذۡ أَخَذۡنَا مِيثَٰقَكُمۡ وَرَفَعۡنَا فَوۡقَكُمُ ٱلطُّورَ خُذُواْ مَآ ءَاتَيۡنَٰكُم بِقُوَّةٖ وَٱذۡكُرُواْ مَا فِيهِ لَعَلَّكُمۡ تَتَّقُونَ ٦٣ ثُمَّ تَوَلَّيۡتُم مِّنۢ بَعۡدِ ذَٰلِكَۖ فَلَوۡلَا فَضۡلُ ٱللَّهِ عَلَيۡكُمۡ وَرَحۡمَتُهُۥ لَكُنتُم مِّنَ ٱلۡخَٰسِرِينَ ٦٤ وَلَقَدۡ عَلِمۡتُمُ ٱلَّذِينَ ٱعۡتَدَوۡاْ مِنكُمۡ فِي ٱلسَّبۡتِ فَقُلۡنَا لَهُمۡ كُونُواْ قِرَدَةً خَٰسِـِٔينَ ٦٥ فَجَعَلۡنَٰهَا نَكَٰلٗا لِّمَا بَيۡنَ يَدَيۡهَا وَمَا خَلۡفَهَا وَمَوۡعِظَةٗ لِّلۡمُتَّقِينَ ٦٦ وَإِذۡ قَالَ مُوسَىٰ لِقَوۡمِهِۦٓ إِنَّ ٱللَّهَ يَأۡمُرُكُمۡ أَن تَذۡبَحُواْ بَقَرَةٗۖ قَالُوٓاْ أَتَتَّخِذُنَا هُزُوٗاۖ قَالَ أَعُوذُ بِٱللَّهِ أَنۡ أَكُونَ مِنَ ٱلۡجَٰهِلِينَ ٦٧ قَالُواْ ٱدۡعُ لَنَا رَبَّكَ يُبَيِّن لَّنَا مَا هِيَۚ قَالَ إِنَّهُۥ يَقُولُ إِنَّهَا بَقَرَةٞ لَّا فَارِضٞ وَلَا بِكۡرٌ عَوَانُۢ بَيۡنَ ذَٰلِكَۖ فَٱفۡعَلُواْ مَا تُؤۡمَرُونَ ٦٨ قَالُواْ ٱدۡعُ لَنَا رَبَّكَ يُبَيِّن لَّنَا مَا لَوۡنُهَاۚ قَالَ إِنَّهُۥ يَقُولُ إِنَّهَا بَقَرَةٞ صَفۡرَآءُ فَاقِعٞ لَّوۡنُهَا تَسُرُّ ٱلنَّٰظِرِينَ ٦٩
ترجمہ
وہ لوگ جو ایمان لے آئے اور وہ جنہوں نے یہودیت کو اپنایا ہے، عیسائی اور صائبی عقائد اختیار کئے ہیں ان میں جو بھی اللہ اور روز قیامت پر ایمان لایا اور عمل صالح انجام دیا ہے ان کا اجر ان کے پروردگار کے ہاں یقینی ہے ان کے لیے کوئی ڈر اور خوف نہیں اور وہ غمگین بھی نہ ہوں گے۔(۶۲) اس وقت کو یاد کرو جب ہم نے آپ سے پیمان لیا اور کوہ طور کو تمہارے اوپر بلند کیا اور ہم نے تم سے کہ کہا کہ جو ہم نے آیات اور دستورات تمہیں دئے ہیں پوری طاقت سے انہیں لے لو اور ان میں جو کچھ موجود ہے اسے اپنی یادداشت میں محفوظ رکھو اور اس پر عمل کرو تاکہ تم متقی بن جاؤ۔(۶۳) پھر اس ماجرا کے بعد تم نے منہ موڑ لیا، اگر تمہارے اوپر اللہ کی رحمت اور اس کا فضل نہ ہوتا تو حتمی طور پر تم نقصان اٹھانے والوں سے ہوتے۔(۶۴) یہ امر یقینی ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے ہفتہ کے دن سے متعلق حکم کی نافرمانی کی تو ہم نے ان سے کہاکہ تم دھتکارے ہوئے بندر ہوجاؤ۔(۶۵) ہم نے اس کو اس زمانے کے لوگوں کے لیے اور بعد میں آنے والوں کے لیے عبرت اور تقویٰ اپنانے والوں کے لیے نصیحت قرار دیا۔(۶۶) جس وقت موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا: اللہ تمہیں یہ فرمان دے رہا ہے کہ (قاتل معلوم کرنے کے لیے) گائے کو ذبح کرو، تو انہوں نے موسیٰ سے کہا: کیا تم ہم سے مذاق کر رہے ہو؟ موسیٰ نے کہا: اللہ سے پناہ مانگتا ہوں کہ میں جاہلوں سے ہوجاؤں۔(۶۷)بنی اسرائیل نے موسیٰ سے کہا: اپنے رب سے پوچھو کہ وہ گائے کس قسم کی ہو؟ موسیٰ نے ان سے کہا: اللہ فرما رہا ہے: گائے ایسی ہو جو نہ بوڑھی ہو اور نہ بچھڑی بلکہ ان دو خصوصیات کے درمیان کی ہو، لہذا تمہیں جو دستور دیا گیا ہے جس قدر جلدی ہو اسے انجام دو۔(۶۸) انہوں نے موسیٰ سے کہا: اپنے رب سے پوچھو کہ وہ ہمارے لیے واضح بتا دے کہ اس کا رنگ کیسا ہو؟ موسیٰ نے کہا: اللہ فرما رہا ہے کہ گائے زرد رنگ کی ہو اور اس کی رنگت ایسی نکھری ہوئی ہو کہ دیکھنے والوں کو مسرور کردے۔(۶۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۶۲:

تفسیر جامع البیان میں ہے جناب سلمان فارسی ؒ نے رسول خداﷺسے عرض کیا کہ میرے دوستوں سے جو اہل ایمان اور نمازی تھے لیکن انہوں نے آپ کو نہیں دیکھا یا وہ آپ کے زمانے میں نہیں آئے یا آپ کے پاس نہیں آسکے قیامت کے دن ان کی حالت کیسی ہوگی؟ تو اس وقت یہ آیت نازل ہوئی کہ جو بھی اپنے زمانہ میں جس دین کا پیروکار تھا اگر اس نے اپنے زمانہ میں اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق عمل کیا ہوگا تو اسے اجر ملے گا۔ (الَّذِیۡنَ ہَادُوۡا)سے یہودی مراد ہیں۔ یہ نام یا تو ان کے توبہ کے اظہار کی وجہ سے ہے کہ انہوں نے کہا تھا (اِنَّا ہُدۡنَاۤ اِلَیۡکَ)’’اعراف، ۱۵۶‘‘یا اس لحاظ سے ہے کہ حضرت یعقوب علیہ السلام کے ایک بیٹے کا نام یہودا تھا اور یہودی ان کی نسل سے ہیں۔ (النَّصٰرٰی)سے عیسائی مراد ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے جب یہ کہا کہ (مَنۡ اَنۡصَارِیۡۤ) تو انہوں نے جواب دیا: (نَحۡنُ اَنۡصَارُ اللّٰہِ)؛ یا اس نام کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ وہ ناصریہ کے علاقہ میں سکونت پذیر تھے جو کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے ولادت ہے۔ صائبین ان کو کہا جاتا ہے جو خود کو حضرت یحیی علیہ السلام کا پیروکار خیال کرتے ہیں۔ اس گروہ کا نام سورہ بقرہ، سورہ مائدہ اور سورہ حج میں یہودیوں کے ساتھ بیان ہوا ہے۔ نصاریٰ، مجوس اور مشرکین کا نام ایک جگہ آیا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ صائبین ان چار گروہوں کے علاوہ ہیں۔ اس آئین کے پیروکاروں کو بھی باقی اہل کتاب کی مانند اسلام قبول کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ لوگ زیادہ تر دریاؤں اور ندی نالوں کے کنارے پر زندگی گزارتے ہیں۔ گوشہ نشین اور عام لوگوں سے الگ تھلگ رہتے ہیں۔ ان کے ہاں متعدد غسل ہیں جو موسم سرما اور موسم گرما میں جاری پانی میں انجام دئے جاتے ہیں۔ اس آئین کے پیروکار ایران کے صوبہ خوزستان میں کارون دریا کے کنارے اور عراق میں دریائے دجلہ کے کنارے آباد ہیں۔ تمام الٰہی ادیان میں اصول مشترک ہیں،توحید، معاد اور نیک اعمال بجالانا (اٰمَنَ بِاللّٰہِ وَ الۡیَوۡمِ الۡاٰخِرِ وَ عَمِلَ صَالِحًا)۔ انسان اللہ تعالیٰ اور قیامت پر ایمان لانے اور نیک اعمال انجام دینے کے سائے تلے ہی اطمینان اور سکون حاصل کرسکتا ہے(لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ)۔

آیت ۶۳:

کوہ طور کا اپنی جگہ سے اکھڑ جانے کا ماجرا کہ پہاڑ اپنی جگہ سے اوپر کی جانب اٹھا اور یہودیوں کے سروں پر آ کر کھڑا ہو گیا، یہ واقعہ سورہ بقرہ آیت ۹۳، سورہ نساء، آیت ۱۵۴ ور سورہ اعراف آیت ۱۷۱ میں بیان ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ انبیاء کے ہاتھوں غیر معمولی اقدامات کو ظاہر کرکے لوگوں پر اپنی حجت تمام کرتا ہے (رَفَعۡنَا فَوۡقَکُمُ الطُّوۡرَ)۔ سنجیدگی، عشق اور توجہ کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی آیات پر ایمان لا کر الٰہی احکام کے مطابق عمل کرنا چاہیے، مذاق یا عادت کی بنا پر ان احکام پر عمل نہ کیا جائے اور نہ ہی شک و شبہ اور نام و نمود اور ریاکاری کرتے ہوئے ان احکام پر عمل کیا جائے بلکہ خالصانہ اللہ تعالیٰ کے احکام پر عمل کیا جائے (خُذُوۡا مَاۤ اٰتَیۡنٰکُمۡ بِقُوَّۃٍ)۔ الٰہی آیات کو یاد کرنا اور ان پر غور و فکر کرنا تقویٰ کا ذریعہ ہے (اذۡکُرُوۡا مَا فِیۡہِ لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ)۔

آیت ۶۴:

اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ناامید اور مایوس نہ ہوں کیونکہ اللہ تعالیٰ تو اپنے مخالفین اور نافرمانی کرنے والوں کے ساتھ بھی لطف و کرم فرماتا ہے (فَلَوۡ لَا فَضۡلُ اللّٰہِ عَلَیۡکُمۡ)۔

آیت ۶۵:

تورایت کے احکام میں سے ایک حکم یہ تھا کہ ہفتہ کے دن چھٹی کی جائے۔ لیکن بنی اسرائیل میں سے کچھ لالچی اور حریص لوگ اس دن چھٹی نہ کرتے اور کام پر جاتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ان حیلہ بازوں اور احکام الٰہی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بندر بنا دیا۔ یہ ماجرا سورہ اعراف کی آیت ۱۶۳ میں بھی بیان ہوا ہے۔ بنیادی طور پر چہرہ کا مسخ ہوجانا ایک طرح کا اللہ تعالیٰ کا عذاب اور غضب الٰہی کا اظہار ہے۔ آسمان سے دسترخوان نازل ہونے کے بعدعیسائیوں کا ایک گروہ جب کافر ہوا تو وہ بھی بندر اور سور کی شکل میں مسخ ہوگئے (وَ جَعَلَ مِنۡہُمُ الۡقِرَدَۃَ وَ الۡخَنَازِیۡرَ)’’مائدہ، ۶۰‘‘۔ روایات میں ہے قیامت کے دن اعمال کے مطابق مسخ ہونےکا دائرہ بہت زیادہ وسیع ہوگا، قیامت کے دن لوگ دس قسم کی شکلوں میں محشور ہوں گے: ۱۔پروپیگنڈہ کرنے والے لوگ بندر کی شکل میں محشور ہوں گے۔ ۲۔حرام کھانے والے سور کی شکل میں محشور ہوں گے۔ ۳۔ سود کھانے والے الٹے ’’سر نیچے اورپاؤں اوپر‘‘ محشور ہوں گے۔ ۴۔ بے انصاف جج اندھے محشور ہوں گے۔ ۵۔ خود پسند اور مغرور گونگھے اور بہرے محشور ہوں گے۔ ۶۔ بے عمل عالم اپنی زبان چبا رہا ہوگا۔ ۷۔ ہمسائے کو تکلیف پہنچانے والا ہاتھ پاؤں کٹے ہوئے محشور ہوگا۔ ۸۔ چغل خور آگ کی ٹہنیوں میں لٹکا ہوا ہوگا۔ ۹۔ عیاش آدمی، مردار سے زیادہ بدبودار ہو گا۔ ۱۰۔ تکبر کرنے والے آگ کے لباس میں ملبوس ہوں گے۔ جو اللہ تعالیٰ کے احکام کو نسخ کرتا ہے اور انہیں توڑتا ہے تو وہ خود کو بھی مسخ کرتا ہے۔ دین میں تبدیلی کرنا انسانیت کے چہرے کو بدلنے کے مترادف ہے (اعۡتَدَوۡا ۔۔۔قِرَدَۃً خٰسِئِیۡنَ)۔ جانور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دور نہیں لیکن انسان کا مسخ ہو کر جانور بن جانا اس کے اللہ تعالیٰ کے دربار سے دھتکارے جانے کی نشانی ہے اور یہ کہ اس پر اللہ تعالیٰ کا غضب ہوا ہے (کُوۡنُوۡا قِرَدَۃً خٰسِئِیۡنَ)۔

آیت ۶۶۔۶۷:

امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: (لِمَا بَیۡنَ یَدَیۡہَا) سے مراد وہ لوگ مراد ہیں جوبلاؤں اور مصیبتوں کے اترنے کے زمانہ میں موجود ہوتے ہیں اور (مَا خَلۡفَہَا) بعد میں آنے والی امتیں ہیں جن میں ہم مسلمان بھی شامل ہیں۔ جس میں تقویٰ کا جذبہ ہے وہی نصیحت قبول کرلیتا ہے (مَوۡعِظَۃً لِّلۡمُتَّقِیۡنَ)۔ اس سورہ کا نام اسی گائے کے ماجرا کی وجہ سے ’’بقرہ‘‘ رکھا گیا ہے۔ گائے کا ذبح کرنا تورایت میں سفر تثنیہ فصل ۲۱ ایک عدالتی قانون کے تحت موجود ہے۔ اس ماجرا کا خلاصہ اس طرح ہے کہ ایک مقتول کی لاش بنی اسرائیل میں ملی۔ ان کا ہر قبیلہ اس قتل کی ذمہ داری دوسرے قبیلہ کے کاندھے پر ڈال دیتا تھا اور خود کو بری الذمہ ظاہر کرتا تھا۔ بنی اسرائیل اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے پاس حاضر ہوئے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کہا: اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ ایک گائے کو ذبح کرو اور اس کے جسم کے گوشت کا ایک ٹکڑا مقتول کے جسم پر مارو تو مقتول زندہ ہو کر قاتل کے بارے میں خود بتائے گا۔ یہ جواب سن کر انہوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کہا: کیا آپ ہمارا مذاق اڑا رہے ہیں؟ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کہا کہ مسخرہ کرنا جاہلوں کا کام ہے، میں اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آتا ہوں کہ جاہلوں میں سے بنوں۔ قرآن مجید اور احادیث کی رو سے جہالت بے عقلی کے معنی میں ہے، نادانی کے معنی میں نہیں۔ اس لیے جہل کا لفظ عقل کے مقابل میں آیا ہے؛ علم کے مقابل میں جہل نہیں آیا۔ مسخرہ کرنا بے عقلی اور حماقت ہے، دوسروں کا مذاق اڑانا عاقلانہ کام نہیں۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اس حالت سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگی ہے۔ اللہ تعالٰی اگر ارادہ کر لے تو دو مُردے جب ایک دوسرے کو چھو لیں تو ان میں سے ایک مردہ زندہ ہو جائے (تَذۡبَحُوۡا بَقَرَۃً)۔ گائے کو ذبح کرنے سے اس کا تقدس ملیا میٹ ہوجائے گا، یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بت شکنی اور سامری کے سونے کے بچھڑے کو جلانے کی مانند ہے (تَذۡبَحُوۡا بَقَرَۃً)۔ اللہ تعالیٰ نے ایک ہی ماجرا سے توحید، اپنی قدرت، حضرت موسیٰ علیہ السلام کی نبوت کا معجزہ اورقیامت میں مردوں کو زندہ کئے جانے کو بیان کیا ہے۔

آیت ۶۸:

جب بنی اسرائیل کو معلوم ہوا کہ معاملہ سنجیدہ ہے تو شروع میں انہوں نے بہانے بنانے شروع کئے۔ کچھ مفسرین کا خیال ہے کہ اصلی قاتل انہیں بہانہ تراشی پر اکساتا تھا۔ کیونکہ اسے ڈر تھا کہ حقیقت عیاں ہونے پر وہ رسوا ہوجائے گا۔ بہر حال بنی اسرائیل کے سوال کرنے کا انداز ان کی ہٹ دھرمی اور ضد بازی کی علامت ہے اور نبی کی بے احترامی بھی ہے۔ آیت میں ان کے باطن سے پردہ اٹھا یا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فرمان کو فوری انجام دو اور وسوسوں اور شک و شبہ سے پرہیز کرو (فَافۡعَلُوۡا مَا تُؤۡمَرُوۡنَ)۔

آیت ۶۹:

بےفائدہ سوالات کرنے سے منع کیا گیا ہے، سورہ مائدہ میں ہے (لَا تَسۡـَٔلُوۡا عَنۡ اَشۡیَآءَ اِنۡ تُبۡدَ لَکُمۡ تَسُؤۡکُمۡ)’’مائدہ، ۱۰۱‘‘ کچھ باتیں ایسی ہیں کہ اگر ان کے بارے میں تمہیں بتا دیا جائے تو تمہارے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔ حضرت علی علیہ السلام نہج البلاغہ میں فرماتے ہیں (وَ سَكَتَ لَكُمْ عَنْ أَشْيَاءَ وَ لَمْ يَدَعْهَا نِسْيَاناً فَلاَ تَتَكَلَّفُوهَا)اللہ تعالیٰ نے کچھ چیزوں کو بتانے بارے خاموشی اختیار کی ہے، اللہ تعالیٰ کا خاموشی اختیار کرنا بھول کی وجہ سے نہیں بلکہ اس لیے ہے کہ تمہارے لیے عمل کرنے میں آسانی ہو اور تم سختی میں نہ پڑو، لہذا بے جا سوالات سے گریز کرو۔ انسان کے مزاج اور اس کی طبیعت اور روح پر رنگ کا اثر ہوتا ہے (لَوۡنُہَا تَسُرُّ النّٰظِرِیۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 70 تا 76
قَالُواْ ٱدۡعُ لَنَا رَبَّكَ يُبَيِّن لَّنَا مَا هِيَ إِنَّ ٱلۡبَقَرَ تَشَٰبَهَ عَلَيۡنَا وَإِنَّآ إِن شَآءَ ٱللَّهُ لَمُهۡتَدُونَ ٧٠ قَالَ إِنَّهُۥ يَقُولُ إِنَّهَا بَقَرَةٞ لَّا ذَلُولٞ تُثِيرُ ٱلۡأَرۡضَ وَلَا تَسۡقِي ٱلۡحَرۡثَ مُسَلَّمَةٞ لَّا شِيَةَ فِيهَاۚ قَالُواْ ٱلۡـَٰٔنَ جِئۡتَ بِٱلۡحَقِّۚ فَذَبَحُوهَا وَمَا كَادُواْ يَفۡعَلُونَ ٧١ وَإِذۡ قَتَلۡتُمۡ نَفۡسٗا فَٱدَّٰرَٰٔتُمۡ فِيهَاۖ وَٱللَّهُ مُخۡرِجٞ مَّا كُنتُمۡ تَكۡتُمُونَ ٧٢ فَقُلۡنَا ٱضۡرِبُوهُ بِبَعۡضِهَاۚ كَذَٰلِكَ يُحۡيِ ٱللَّهُ ٱلۡمَوۡتَىٰ وَيُرِيكُمۡ ءَايَٰتِهِۦ لَعَلَّكُمۡ تَعۡقِلُونَ ٧٣ ثُمَّ قَسَتۡ قُلُوبُكُم مِّنۢ بَعۡدِ ذَٰلِكَ فَهِيَ كَٱلۡحِجَارَةِ أَوۡ أَشَدُّ قَسۡوَةٗۚ وَإِنَّ مِنَ ٱلۡحِجَارَةِ لَمَا يَتَفَجَّرُ مِنۡهُ ٱلۡأَنۡهَٰرُۚ وَإِنَّ مِنۡهَا لَمَا يَشَّقَّقُ فَيَخۡرُجُ مِنۡهُ ٱلۡمَآءُۚ وَإِنَّ مِنۡهَا لَمَا يَهۡبِطُ مِنۡ خَشۡيَةِ ٱللَّهِۗ وَمَا ٱللَّهُ بِغَٰفِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُونَ ٧٤ ۞ أَفَتَطۡمَعُونَ أَن يُؤۡمِنُواْ لَكُمۡ وَقَدۡ كَانَ فَرِيقٞ مِّنۡهُمۡ يَسۡمَعُونَ كَلَٰمَ ٱللَّهِ ثُمَّ يُحَرِّفُونَهُۥ مِنۢ بَعۡدِ مَا عَقَلُوهُ وَهُمۡ يَعۡلَمُونَ ٧٥ وَإِذَا لَقُواْ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ قَالُوٓاْ ءَامَنَّا وَإِذَا خَلَا بَعۡضُهُمۡ إِلَىٰ بَعۡضٖ قَالُوٓاْ أَتُحَدِّثُونَهُم بِمَا فَتَحَ ٱللَّهُ عَلَيۡكُمۡ لِيُحَآجُّوكُم بِهِۦ عِندَ رَبِّكُمۡۚ أَفَلَا تَعۡقِلُونَ ٧٦
ترجمہ
پھر موسیٰ سے کہا: ہمارے لیے اپنے رب سے پھر بات کرو تاکہ ہمارے لیے واضح کردے کہ یہ گائے کیسی ہے؟ بتحقیق ہمیں سمجھ نہیں آرہی کہ کون سی گائے ذبح کریں اور بلاشک ان شاء اللہ اس کی شناخت سے ہم ہدایت پالیں گے۔(۷۰) موسیٰ نے کہا: اللہ فرماتا ہے کہ وہ گائے ایسی سدھائی ہوئی نہ ہو جو ہل چلائے اور کھیتی کو پانی دے (بلکہ) بے عیب و صحیح و سالم ہو اس کے رنگ میں کوئی داغ دھبہ نہ ہو، انہوں نے یہ سن کر کہا کہ اب تم برحق مطلب کو لے آئے ہو، پھر اس قسم کی گائے کو ذبح کرلیا(جس کا اللہ نے حکم دیا تھا) لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اس کام کو انجام نہ دیں۔(۷۱) اور جب تم نے کسی کو قتل کردیا اور اس (کے قاتل) بارے تمہارے درمیان جھگڑا ہوا لیکن اللہ اس کو آشکار کردینے والا ہے جسے تم چھپاتے ہو۔(۷۲) پھر ہم نے کہا کہ ذبح شدہ گائے کا ایک ٹکڑا لے کر مقتول کے جسم پر مارو (تاکہ وہ زندہ ہوجائے اور قاتل کے بارے بتائے) اللہ اس طرح مردوں کو زندہ کرتا ہے اور اپنی آیات کو تمہیں دکھاتا ہے تاکہ تم اس بارے غور و فکر کرو۔(۷۳) پھر (اتنی ساری ناقدری اور کفران نعمت کے بعد) تمہارے دل پتھر کی مانند یا اس سے بھی زیادہ سخت ہوئے کیونکہ پتھروں سے تو چشمے پھوٹتے ہیں اور ان میں سے کچھ میں سوراخ ہوتا ہے اور ان سے پانی رستا ہے اور ان سے کچھ اللہ کے خوف سے پہاڑ کی بلندی سے نیچے آگرتے ہیں، اللہ تمہارے اعمال سے غافل نہیں ہے۔(۷۴) (لہذا اے ایمان لانے والو!) کیا تم یہ توقع رکھتے ہو کہ یہودی تمہارے دین پر ایمان لے آئیں جبکہ ان میں کچھ ایسے تھے جو اللہ کے کلام کو سننے کے بعد اس میں تحریف کردیتے تھے جبکہ وہ حق کو جانتے تھے۔(۷۵)یہی یہودی جب مومنوں سے ملاقات کرتے ہیں تو ان سے کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے لیکن جب آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ خلوت میں ہوتے ہیں تو ان میں سے بعض دوسرے بعض سے کہتے ہیں: اللہ نے آخری پیغمبر کے بارے جن صفات کو تمہارے لیے بیان کیا ہے کیا تم انہیں مسلمانوں کے لیے بیان کرتے ہو؟ تاکہ وہ تمہارے رب کے سامنے تمہارے خلاف دلیل کے طور پر پیش کریں، کیا تم اس بات کو سمجھتے نہیں ہو؟(۷۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۷۰:

ہر کام میں اعتدال اور میانہ روی اپنانا اہم ہے۔ بعض دفعہ کچھ لوگ معمولی سی نشانی دیکھ کر یقین کرلیتے ہیں جبکہ کچھ افراد ایسے ہوتے ہیں جو واضح بیان کے باوجود وسوسہ کرتے ہیں (اَنۡ تَذۡبَحُوۡا بَقَرَۃً)جو بیانات واضح ہوں ان میں شک و شبہ مت کرو۔ پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: بنی اسرائیل کو حکم ملا تھا کہ وہ ایک عام سی گائے کو ذبح کریں۔ لیکن انہوں نے اس حوالے سے بہانہ تراشی شروع کی، بار بار وضاحتیں مانگتے اور بہانے تراشتے رہے تو اللہ تعالیٰ نے بھی ان پر سختی کردی۔ فرعی اور جزئی مسائل پر توجہ دینا انسان کو بنیادی مسائل پر پوری توجہ دینے سے روکتا ہے (اِنَّ الۡبَقَرَ تَشٰبَہَ عَلَیۡنَا)۔ ضد بازی اور ہٹ دھرمی کا مزاج سبب بنتا ہے کہ انسان پر حق مشتبہ ہوجائے (اِنَّ الۡبَقَرَ تَشٰبَہَ عَلَیۡنَا)۔ بعض دفعہ سوال کا مقصد علم و آگہی حاصل کرنا نہیں ہوتا بلکہ انسان ضد اور اپنی ذمہ داریوں سے فرار کرنے کے لیے سوال کرتا ہے (یُبَیِّنۡ لَّنَا مَا ہِیَ ۙ اِنَّ الۡبَقَرَ تَشٰبَہَ عَلَیۡنَا)۔ الٰہی رہبر کشادہ دل والے ہوتے ہیں، وہ تنگ نظر نہیں ہوتے اور اگر کوئی ان کی بے ادبی اور جسارت کرے تو وہ اس کا جواب نہیں دیتے،(رَبَّنَا) ہمارے رب کی بجائے(رَبَّکَ)تیرے رب کا لفظ استعمال کرنا بے ادبی ہے جسے انہوں نے بار بار دہرایا لیکن حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اسے اہمیت نہ دی۔

آیت ۷۱:

یہودی اپنے پیغمبر کے حوالے سے بے ادب تھے، وہ نہ صرف اپنے اوپر عائد ذمہ داریوں کو نہیں نبھاتے تھے بلکہ جب فرمان الٰہی پر عمل کرنے پر مجبور ہوگئے تو حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کہنے لگے: (الۡـٰٔنَ جِئۡتَ بِالۡحَقِّ) اب تم نے حق بات کہی ہے، جس کا مفہوم یہ نکلتا ہے کہ اس سے پہلے تم جو کچھ کہہ رہے تھے وہ ناحق تھا۔ منصوبوں کو عملی جامہ پہناتے وقت اقتصادی اور مالی وسائل کو برباد مت کرو(لَا ذَلُوۡلٌ ۔۔۔وَ لَا تَسۡقِی)۔ اللہ تعالیٰ کی راہ میں جو کچھ خرچ کیا جائے وہ مناسب اور صحیح و سالم ہونا چاہیے (مُسَلَّمَۃٌ)حج کی قربانی میں بھی حاجی کو چاہیے کہ وہ عید قربان کے دن صحیح و سالم اور صحت مند جانور کی قربانی کرے۔ غرور و تکبر اور نفسانی خواہشات اس بات کا سبب بنتی ہیں کہ جو چیزیں انسان کے مزاج کے مطابق ہو وہ صرف انہی کو حق جانتا ہے (جِئۡتَ بِالۡحَقِّ)۔

آیت ۷۲:

قتل کا واقعہ اور گائے کو ذبح کرنے کا حکم جو سابقہ آیت میں تفصیل سے بیان ہوا ہے، اس آیت میں اس کا خلاصہ بیان ہوا ہے تاکہ ایک بار پھر انہیں خبردار کیا جائے کہ جو انہوں نے چھپایا تھا اور اسے ظاہر نہیں کرتے تھے اس کو ظاہر کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے گائے ذبح کرنے کا حکم دیا اور پھر اس کے بدن سے گوشت کا ایک ٹکڑا مقتول کے جسم پر مارنے کا حکم دیا جس سے وہ مقتول زندہ ہوگیا اور اس نے اپنے قاتل کے بارے میں بتایا اور ان کی ساری خلاف ورزیوں کو ظاہر کردیا۔ پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: اگر انسان ایک ایسے مضبوط پتھر کے درمیان کوئی عمل کرے جس سے روشنی بھی نہیں گزر سکتی ہو تو خدا اس کے اس کام کو لوگوں پر ظاہر کر دے گا۔ جو شخص دوسرے کے گناہ پر راضی ہو تو وہ اس گناہ میں شریک ہے، اللہ تعالیٰ نے پیغمبراسلامﷺ کے زمانہ کے یہودیوں کی طرف قتل کی نسبت اس لیے دی ہے کہ گویا وہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے زمانہ میں ہونے والے قتل پر راضی تھے (وَ اِذۡ قَتَلۡتُمۡ)۔ بعض اوقات انسان اپنے جرائم کی نسبت دوسروں کی طرف دے کر حیلے بہانوں سے اس جرم کی اپنی طرف نسبت دینے کی تردید کرتا ہے جبکہ وہ اس بات سے غافل ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ چاہے تو ایک مردہ کو دوسرے مردے پر مارنے سے سارا ماجرا روشن اور مجرم کا جرم آشکار ہوسکتا ہے(وَ اللّٰہُ مُخۡرِجٌ مَّا کُنۡتُمۡ تَکۡتُمُوۡنَ)۔

آیت ۷۳:

لوگوں کا اعتبار اور اعتماد حاصل کرو، حضرت موسیٰ علیہ السلام نے لوگوں سے کہا کہ گائے کو ذبح کرکے اس کے گوشت کا ایک ٹکڑا مقتول کے جسم پر مارو، آپ نے خود یہ کام انجام نہیں دیا (اضۡرِبُوۡہُ)۔ یہ آیت اللہ تعالیٰ کی قدرت کو بیان کررہی ہے کہ وہ ذات جو اسی دنیا میں مردہ کو زندہ کر سکتی ہے وہ اسی دنیا میں رجعت کے عنوان سے اور قیامت میں ثواب یا عذاب دینے کے لیے مُردوں کو زندہ کر سکتی ہے (کَذٰلِکَ یُحۡیِ اللّٰہُ الۡمَوۡتٰی)۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانیوں کا مشاہدہ انسانوں کے لیے حقیقت سمجھنے کا وسیلہ ہے، یہ تعجب اور حیرت کے اظہار کے لیے نہیں (لَعَلَّکُمۡ تَعۡقِلُوۡنَ)۔ اگر انسان کی روح اور فکر آلودہ ہو تو وہ الٰہی آیات کو دیکھ بھی حقیقت کو نہیں سمجھتے اور نہ ہی تعقل کرتے ہیں، اس آیت میں ’’تعقل‘‘ کے لفظ کے ساتھ ’’لعلّ‘‘ کو لا کر شاید اسی مطلب کی طرف اشارہ کیا گیا ہے(لَعَلَّکُمۡ تَعۡقِلُوۡنَ)۔

آیت ۷۴:

سابقہ آیات میں اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل پر اپنی مہربانیوں اور الطاف کو بیان کیا ہے جیسے فرعون کے ظلم سے نجات، دریا کے درمیان سے گزرنے کا راستہ بننا، گوسالہ پرستی کے بعد توبہ قبول کرلینا، آسمان سے بہترین غذا اتارنا، بادلوں کا ان پر سایہ کرنا اور ان کے لیے معصوم رہبر قرار دینا۔ پھر آخر میں ایک شخص کے قتل کا ماجرا ذکر کیا اور اس کے قاتل کو معجزانہ انداز میں معلوم کرنے کا طریقہ بیان کیا۔ اب اس آیت میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اتنی ساری آیات اور نشانیوں کو دیکھنے کے باوجود تمہاری غفلت، ہٹ دھرمی اور کینہ کی وجہ سے تمہارے دلوں کو زنگ لگ گیا ہے، تم اتنے سنگدل بن گئے ہوکہ تمہارے دل پتھر جیسے بنے ہیں بلکہ پتھر سے بھی زیادہ سخت ہوئے ہیں۔ سنگدلی اور قساوت قلب روحی بیماری ہے جو پے درپے ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے لاحق ہوتی ہے (ثُمَّ قَسَتۡ قُلُوۡبُکُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ ذٰلِکَ)۔ آیات الٰہی اور اللہ تعالیٰ کی مہربانیوں کا مشاہدہ ہٹ دھرمی اور ضدی مزاج افراد کے ایمان کو بڑھانے کی بجائے ان کے دل کو مزید سخت بنا دیتا ہے (قَسَتۡ قُلُوۡبُکُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ ذٰلِکَ)۔ قرآن مجید مومنوں کے لیے شفا اور رحمت ہے اور ظالموں کے لیے نقصان اور خسارے کا وسیلہ ہے۔ ’’اسراء، ۸۲‘‘۔ باران کہ در لطافت طبع اش خلاف نیست در باغ لالہ روید و در شورہ زار، خس ’’بارش کی لطافت اور نرمی’’ایک ہی ہے اس‘‘ میں کوئی فرق نہیں، لیکن پھولوں کے باغ میں اسی بارش سے پھول اگتے ہیں جبکہ سیم زدہ زمین میں بے فائدہ گھاس اگتی ہے‘‘ انسان کی باطنی نورانیت کے لیے صرف علم کافی نہیں کیونکہ بنی اسرائیل ان تمام معجزات کو دیکھنے کے باوجود سنگدل ہو گئے (قَسَتۡ قُلُوۡبُکُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ ذٰلِکَ)۔ جمادات میں بھی ایک طرح کا شعور ادراک اور خوف و خشیت پائی جاتی ہے (وَ اِنَّ مِنۡہَا لَمَا یَہۡبِطُ مِنۡ خَشۡیَۃِ اللّٰہِ) اور خشیت علم سے آتی ہے، کسی اور چیز سے نہیں آتی (اِنَّمَا یَخۡشَی اللّٰہَ مِنۡ عِبَادِہِ الۡعُلَمٰٓؤُا) ’’فاطر، ۲۸‘‘۔’’اللہ کے بندوں میں سے صرف اہل علم ہی اس سے ڈرتے ہیں‘‘ اور فارسی شاعر مولوی کہتا ہے: جمله ذرّات عالم در نهان با تو می گویند روزان و شبان ما سمیعیم و بصیریم و هُشیم با شما نامحرمان ما خامُشیم نطق خاک و نطق آب و نطق گل هست محسوس هواس اهل دل ’’کائنات کا ہر ذرہ باطن میں دن رات تجھ سے کہتا ہے، ہم سننے والے، دیکھنے والے اور سمجھدار ہیں۔ آپ نامحرموں کے ساتھ ہم خاموش ہیں، زمین، پانی اور پھولوں کی باتیں اہل دل کے لیے قابل ادراک ہیں‘‘۔

آیت ۷۵:

یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ سب لوگ ایمان لائیں گے، بہت سارے لوگ ایمان نہیں لاتے (اَفَتَطۡمَعُوۡنَ اَنۡ یُّؤۡمِنُوۡا)۔ دوسروں پر تنقید کرتے وقت انصاف کا دامن نہ چھوڑو، سب یہودی تحریف کرنے والے نہ تھے (فَرِیۡقٌ مِّنۡہُمۡ ۔۔۔ یُحَرِّفُوۡنَہٗ)۔ حق کی معرفت اور حق کو قبول کرلینا دو الگ چیزیں ہیں، کچھ لوگ حق کی معرفت رکھتے ہیں لیکن حق کو قبول نہیں کرتے (یُحَرِّفُوۡنَہٗ مِنۡۢ بَعۡدِ مَا عَقَلُوۡہُ)۔ تحریف ایسا گناہ ہے جوعلما اور دانشور حضرات سے سرزد ہوتا ہے(یُحَرِّفُوۡنَہٗ مِنۡۢ بَعۡدِ مَا عَقَلُوۡہُ وَ ہُمۡ یَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۷۶:

امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: کچھ صاف دل یہودی مسلمانوں کے پاس آکر تورایت میں موجود پیغمبراکرمﷺ کی صفات انہیں بیان بیان کرتے تھے۔ یہ بات جب ان کے بڑوں کے پاس پہنچ گئی تو انہوں نے ان یہودیوں کو ایسا کرنے سے روکا اور ان سے کہا کہ تم تورایت میں موجود پیغمبراسلامﷺ کے اوصاف مسلمانوں کو کیوں بتاتے ہو کیونکہ اگر تم تورایت میں موجود پیغمبراسلام ﷺ کے اوصاف مسلمانوں کو بتاؤ گے تو کل قیامت کے دن تمہاری اس بات کو تمہارے خلاف استعمال کریں گے۔ انسان جب حقیقت کو سمجھےتو اسے چاہیے کہ وہ حقیقت کی پیروی کرے، کسی کے خوف کی وجہ سے یا کسی کے دھمکانے سے یا لالچ میں آکر اسے حقیقت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے(قَالُوۡۤا اَتُحَدِّثُوۡنَہُمۡ بِمَا ۔۔۔)۔ اگر اُس وقت علماء یہود اس حقیقت کو نہ چھپاتے تو اِس وقت یہودی یا عیسائی مذہب موجود نہ ہوتے۔ منحرف لوگوں کے نقطہ نظر سے اپنا عہدہ بچانے کے لیے حقیقت کو چھپانا عقلمندی ہے جبکہ حقیقت میں ایسا کرنا عقلمندی نہیں (اَتُحَدِّثُوۡنَہُمۡ۔۔۔اَفَلَا تَعۡقِلُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 77 تا 83
أَوَلَا يَعۡلَمُونَ أَنَّ ٱللَّهَ يَعۡلَمُ مَا يُسِرُّونَ وَمَا يُعۡلِنُونَ ٧٧ وَمِنۡهُمۡ أُمِّيُّونَ لَا يَعۡلَمُونَ ٱلۡكِتَٰبَ إِلَّآ أَمَانِيَّ وَإِنۡ هُمۡ إِلَّا يَظُنُّونَ ٧٨ فَوَيۡلٞ لِّلَّذِينَ يَكۡتُبُونَ ٱلۡكِتَٰبَ بِأَيۡدِيهِمۡ ثُمَّ يَقُولُونَ هَٰذَا مِنۡ عِندِ ٱللَّهِ لِيَشۡتَرُواْ بِهِۦ ثَمَنٗا قَلِيلٗاۖ فَوَيۡلٞ لَّهُم مِّمَّا كَتَبَتۡ أَيۡدِيهِمۡ وَوَيۡلٞ لَّهُم مِّمَّا يَكۡسِبُونَ ٧٩ وَقَالُواْ لَن تَمَسَّنَا ٱلنَّارُ إِلَّآ أَيَّامٗا مَّعۡدُودَةٗۚ قُلۡ أَتَّخَذۡتُمۡ عِندَ ٱللَّهِ عَهۡدٗا فَلَن يُخۡلِفَ ٱللَّهُ عَهۡدَهُۥٓۖ أَمۡ تَقُولُونَ عَلَى ٱللَّهِ مَا لَا تَعۡلَمُونَ ٨٠ بَلَىٰۚ مَن كَسَبَ سَيِّئَةٗ وَأَحَٰطَتۡ بِهِۦ خَطِيٓـَٔتُهُۥ فَأُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ٨١ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَعَمِلُواْ ٱلصَّٰلِحَٰتِ أُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلۡجَنَّةِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ٨٢ وَإِذۡ أَخَذۡنَا مِيثَٰقَ بَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ لَا تَعۡبُدُونَ إِلَّا ٱللَّهَ وَبِٱلۡوَٰلِدَيۡنِ إِحۡسَانٗا وَذِي ٱلۡقُرۡبَىٰ وَٱلۡيَتَٰمَىٰ وَٱلۡمَسَٰكِينِ وَقُولُواْ لِلنَّاسِ حُسۡنٗا وَأَقِيمُواْ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتُواْ ٱلزَّكَوٰةَ ثُمَّ تَوَلَّيۡتُمۡ إِلَّا قَلِيلٗا مِّنكُمۡ وَأَنتُم مُّعۡرِضُونَ ٨٣
ترجمہ
کیا وہ نہیں جانتے کہ جس کو وہ چھپاتے ہیں اور جسے وہ ظاہر کرتے ہیں بلاشک اللہ اس سب کو جانتا ہے۔(۷۷) یہودیوں سے کچھ تو ان پڑھ عوام ہیں کہ وہ اللہ کی کتاب کے بارے سوائے چند خیالات اور اپنی خواہشات پورا کرنے کے کچھ اور نہیں جانتے، یہ سب ان کے گمان ہی ہیں۔(۷۸) وائے اور پھٹکار ان کے لیے جو مطالب کو اپنے ہاتھوں سے خود لکھتے ہیں اور پھر کہتے ہیں یہ مطالب اللہ کی طرف سے ہیں تاکہ انہیں معمولی قیمت پر فروخت کریں، ان پر پھٹکار ہے جو کچھ ان کے ہاتھ نے لکھا ہے اور اس پر بھی جو کچھ وہ اس سے کماتے ہیں۔(۷۹) اور یہودی کہتے تھے محض چند دن کے لیے ہم آتش دوزخ میں جائیں گے، ان سے کہو: کیا تم نے اللہ سے اس بارے کوئی دستاویز لے رکھی ہے کہ اللہ اپنے عہد و پیمان کے خلاف نہیں کرے گا یا تم جس بات کو نہیں جانتے اس کی نسبت اللہ کی طرف دے رہے ہو؟(۸۰) جی ہاں! جو لوگ گناہوں کا ارتکاب کریں گے اور ان کا گناہ ان کو اپنے گھیرے میں لے لے وہ سب دوزخی ہیں اور ہمیشہ اس میں رہیں گے۔(۸۱) جو لوگ ایمان لائے ہیں اور نیک اعمال انجام دئے ہیں تو وہ بہشتی ہیں اور وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔(۸۲) اس بات کو یاد کرو جب ہم نے بنی اسرائیل سے یہ عہد لیا کہ اللہ کے سوا کسی کی پرستش نہ کرو اور ماں باپ اور رشتہ داروں، یتیموں اور بے نواؤں کے ساتھ نیک سلوک اور احسان کرو اور لوگوں کے ساتھ اچھے انداز میں بات کرو ، نماز قائم کرو اورزکات ادا کرو، لیکن تم میں سے تھوڑے افراد کے علاوہ باقی سب نے اس عہد کو پورا نہ کیا اور اسے نظر انداز کیا۔(۸۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۷۷:

اللہ تعالیٰ کے ہر جگہ موجود ہونے اور اس کے علم بارے ایمان لانا انسان کو گناہوں کے ارتکاب سے روکتا ہے (اَ وَ لَا یَعۡلَمُوۡنَ اَنَّ اللّٰہَ یَعۡلَمُ۔۔۔)۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں پوشیدہ اور آشکار برابر ہے (یَعۡلَمُ مَا یُسِرُّوۡنَ وَ مَا یُعۡلِنُوۡنَ)۔

آیت ۷۸:

سابقہ آیات میں مذکورہ یہودیوں کے اس گروہ کے بر عکس جو علما تھے اور تورایت میں بیان کئے گئے پیغمبراسلامﷺ کے اوصاف سے آگاہ تھے لیکن وہ حقیقت کو چھپاتے تھے، یہودی عوام ان حقائق سے آگاہ نہ تھے بلکہ وہ وہم و خیال پر زندگی گزارتے تھے اور وہ یہی خیال کرتے تھے کہ یہودی برتر قوم ہیں، اللہ تعالیٰ کے محبوب اور اس کے بیٹے ہیں۔ لہذا وہ جہنم نہیں جائیں گے اور اگر انہیں سزا ملی تو وہ چند دن کے لیے ہوگی ، سورہ نساء آیت ۸۰ اور آیت ۱۲۰ اور سورہ بقرہ آیت ۱۰۹، مائدہ آیت ۲۱ میں یہودیوں کا یہ وہم و خیال بیان ہوا ہے۔ کتاب اور معلم کے ہونے کے باوجود ان پڑھ رہنا عیب ہے۔ لہذا حق پر مبنی کتاب حاصل کرنے کی کوشش کریں تاکہ عیب و نقص سے بچ سکیں (وَ مِنۡہُمۡ اُمِّیُّوۡنَ لَا یَعۡلَمُوۡنَ الۡکِتٰبَ)۔ جہالت، وہم و خیالات اور بے بنیاد آرزؤں کے پروان چڑھنے کا سبب ہے (وَ مِنۡہُمۡ اُمِّیُّوۡنَ ۔۔۔اَمَانِیَّ)۔ علم کی بنیاد پر توقع رکھی جائے نہ کہ خیالات پر (اِلَّا یَظُنُّوۡنَ)۔ عقائد میں گمان اور خیالات کی پیروی کرنا ممنوع ہے (اِنۡ ہُمۡ اِلَّا یَظُنُّوۡنَ)۔

آیت ۷۹:

قرآن مجید میں صرف یہی ایک آیت ہے جس میں(وَیۡلٌ) کی تعبیر تین مرتبہ تکرار ہوئی ہے، جس سے دنیا پرست علما اور دانشوروں سے دین کو لاحق خطرات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ جعلی دین بنانے والے تاریخ میں سب سے زیادہ خطرناک گروہ ہے( یَکۡتُبُوۡنَ الۡکِتٰبَ۔۔۔)۔ معاشرہ کو لاحق خطرات میں سے ایک بے عمل اور بگڑے ہوئے علما کا معاشرہ میں بدعتیں ایجاد کرنا، دین کو بیچنا اور لوگوں کو بے وقوف بنانا ہے (یَقُوۡلُوۡنَ ہٰذَا مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ)۔ بدعتیں ایجاد کرنے والوں، منحرف قلمکاروں، انحرافی کتابوں اور زہر آلود تحریروں سے چوکنا رہیں اور ہر عالم پر اعتماد نہ کریں(یَکۡتُبُوۡنَ۔۔۔یَقُوۡلُوۡنَ ہٰذَا مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ)۔ لوگ فطری طور پر مذہب کو چاہتے ہیں اس لیے بہت سے دین کے سوداگر مذہب کے نام پر لوگوں کو اپنے اردگرد جمع کرلیتے ہیں (یَقُوۡلُوۡنَ ہٰذَا مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ)۔ دین میں بدعتیں ایجاد کرنے اور جھوٹی باتیں دین سے منسوب کرنے کے اسباب میں سے ایک دنیا طلبی ہے (ثَمَنًا قَلِیۡلًا) بعض لوگ مال و دولت کمانے کے لیے مذہب کو استعمال کرتے ہیں۔ سب سے بری درآمد وہ ہے جو دین بیچ کر حاصل کی جائے (وَیۡلٌ لَّہُمۡ مِّمَّا یَکۡسِبُوۡنَ)۔ ان لوگوں کے لیے سخت ترین عذاب ہے جو لوگوں کے عقائد اور ان کی عبادات بارے ان سے خیانت کرتے ہیں( فَوَیۡلٌ، فَوَیۡلٌ، فَوَیۡلٌ)۔

آیت ۸۰:

یہودیوں کے غلط عقائد میں سے ایک یہ تھا کہ وہ کہتے تھے کہ اگر ہم گنہگار بھی ہوگئے تو دوسروں کی نسبت ہماری سزا کم ہوگی، ہمیں چند دن ہی عذاب جھیلنا پڑے گا کیونکہ ہم دوسروں سے افضل ہیں؛ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے ان کے اس عقیدہ کو غلط اور باطل قرار دیا ہے۔ اپنے لیے امتیاز چاہنا یہودیوں کی خصوصیات سے ہے (وَ قَالُوۡا لَنۡ تَمَسَّنَا)۔ غلط نظریات اور نادرست افکار کو بغیر جواب دئے نہ چھوڑو ( قَالُوۡا، قُلۡ)۔ عمل کے بغیر برتری طلبی اور قوم پرستی نادرست عمل ہے ( قَالُوۡا لَنۡ تَمَسَّنَا النَّارُ ۔۔۔اَمۡ تَقُوۡلُوۡنَ)۔ قانون میں سب برابر ہیں، اللہ تعالیٰ نے کسی خاص قوم یا خاص افراد کے لیے قیامت میں نجات دینے کا وعدہ نہیں دیا (قُلۡ اَتَّخَذۡتُمۡ عِنۡدَ اللّٰہِ عَہۡدًا)۔ دینی تعلیمات سے آگاہ نہ ہونا اس بات کا سبب بنتا ہے کہ دین کی طرف من گھڑت امور کی نسبت دی جائے (اَمۡ تَقُوۡلُوۡنَ عَلَی اللّٰہِ مَا لَا تَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۸۱:

یہ آیت بتا رہی ہے کہ بنی اسرائیل کا یہ خیال درست نہیں کہ ان کے گناہوں پر انہیں سزا دینے کا معیار دوسروں کے گناہوں پر ان کو سزا دینے کے معیار سے مختلف ہوگا۔ یہ آیت بتا رہی ہے کہ سزا دینے کا الٰہی قانون سب کے لیے یکساں ہے۔ اگر کسی شخص کو گناہ اس طرح اپنے گھیرے میں لے لیں کہ اسے توبہ کی مہلت ہی نہ ملے اور اس کے لیے واپسی کے سارے راستے بند ہوجائیں اور اسی حالت میں مرے تو ایسا شخص ہمیشہ کے لیے جہنم میں ہوگا۔ غلط خیالات کی سختی سے تردید کی جائے اور پوری صراحت کے ساتھ غلط باتوں کی نفی کی جائے (بَلٰی مَنۡ)۔ سزا اور جزا خواہش کی بنیاد پر نہیں ملتی بلکہ عمل کی بنیاد پر ملتی ہیں (بَلٰی مَنۡ کَسَبَ)۔ وہ گناہ جنہیں انسان عمداً اور اپنے ارادہ و اختیار سے انجام دے ان پر سزا ملے گی لیکن ایسے گناہوں کا ارتکاب جن کے گناہ ہونے کے بارے علم نہ ہو یا گناہ انجام دینے پر اسے مجبور کیا گیا ہو تو اس پر سزا نہیں ہے (کَسَبَ)۔ ہر گناہ کے اثرات ہیں، کچھ گناہوں کے اثرات ایسے ہیں جن میں انسان غرق ہوجاتا ہے (اَحَاطَتۡ)۔

آیت ۸۲:

لوگوں کو برے اعمال کے انجام سے ڈرانے کے ساتھ ساتھ نیک اعمال کے اچھے انجام کی بشارت بھی دی جائے، سابقہ آیت میں گناہوں کی سزا بیان ہوئی ہے تو اس آیت میں نیک لوگوں کے ثواب کو بیان کیا گیا ہے(الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا ۔۔۔اَصۡحٰبُ الۡجَنَّۃِ)۔ بہشت حاصل کرنے کا معیار ایمان اور نیک عمل ہے، وہم و خیال اور کسی کی خواہش پر بہشت نہیں ملتی (الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا ۔۔۔اَصۡحٰبُ الۡجَنَّۃِ)۔ اچھی عاقبت اور اچھے انجام کے لیے ایک عمل صالح انجام دینا کافی نہیں بلکہ ہر نیک کام کو انجام دینا ضروری ہے (عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ) میں صالحات پر الف لام آیا ہے جو ہر طرح کے نیک کام کو شامل ہے۔

آیت ۸۳:

نیکی کے عنوان میں احسان جامع ترین اور وسیع ترین لفظ ہے۔ والدین فقیر ہوں تو مالی امداد اور اگر مالدار ہوں تو روحانی طور پر ان کو حوصلہ دینا والدین کے ساتھ احسان کا مصداق ہے۔ یتیم سے احسان کرنے میں اس کی اچھی تربیت، اس کےحقوق کا خیال رکھنا، اسے پیار و محبت کرنا اور اس کی تعلیم و تربیت جیسے امور شامل ہیں۔ تمام الٰہی ادیان کے بنیادی اصول ایک جیسے ہیں اس لیے اس طرح کے تمام معیارات اور اصول اسلام میں بھی موجود ہیں۔ اللہ تعالیٰ عقل، فطرت اور وحی کی بنیاد پر لوگوں سے عہد و پیمان لیتا ہے (اَخَذۡنَا مِیۡثَاقَ)۔ تمام انبیاء کی دعوت کا سرنامہ توحید ہے، اس کے بعد نیک اعمال انجام دینے کی طرف دعوت دینا (لَا تَعۡبُدُوۡنَ اِلَّا اللّٰہَ ۟ وَ بِالۡوَالِدَیۡنِ اِحۡسَانًا)۔ والدین کے ساتھ احسان اور نیکی کرنے کا حکم توحید کے ہمراہ بیان ہوا ہے (لَا تَعۡبُدُوۡنَ اِلَّا اللّٰہَ ۟ وَ بِالۡوَالِدَیۡنِ اِحۡسَانًا)۔ ماں اور باپ کے درمیان فرق کرنا صحیح نہیں (بِالۡوَالِدَیۡنِ اِحۡسَانًا)۔ سب سے پہلے اپنے ضرورت مند رشتہ داروں سے احسان کرنے کا حکم ہے اس کے بعد دوسرے لوگوں کے ساتھ احسان کیا جائے (ذِی ‌الۡقُرۡبٰی وَ الۡیَتٰمٰی وَ۔۔۔) البتہ رشتہ داروں میں بعض کو دوسرے بعض پر فوقیت حاصل ہے (اُولُوا الۡاَرۡحَامِ بَعۡضُہُمۡ اَوۡلٰی بِبَعۡضٍ)’’انفال، ۷۵‘‘۔ دوسروں سے احسان کرتے وقت ادب و احترام کا لحاظ رکھا جائے اور بغیر منت اور احسان جتائے احسان اور نیکی کی جائے (قُوۡلُوۡا لِلنَّاسِ حُسۡنًا)۔ اگرچہ سب لوگوں کے ساتھ احسان نہیں کیا جاسکتا لیکن سب کے ساتھ اچھے انداز سے بات کی جاسکتی ہے (قُوۡلُوۡا لِلنَّاسِ حُسۡنًا)۔ اچھا برتاؤ اور اچھی گفتگو کرنے کا حکم صرف مسلمانوں کے ساتھ مختص نہیں بلکہ ہر انسان کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے اور بات کرنے میں اچھا انداز اپنایا جائے (قُوۡلُوۡا لِلنَّاسِ حُسۡنًا)۔ واجب زکات ادا کرنے کے علاوہ محروموں اور یتیموں کے ساتھ احسان کیا جائے، اس آیت میں زکات دینے کے ساتھ ساتھ یتیموں اور مساکین پر احسان کرنے کا حکم ہوا ہے (اِحۡسَانًا ۔۔۔ وَ الۡمَسٰاکِیۡنِ۔۔۔وَ اٰتُوا الزَّکٰوۃَ)۔ نماز اللہ تعالیٰ کے ساتھ رابطہ ہے اور زکات فقراء سے رابطہ ہے، یہ دونوں فریضے ایک دوسرے سے جدا نہیں (اَقِیۡمُوا الصَّلٰوۃَ وَ اٰتُوا الزَّکٰوۃَ)۔ نماز اور زکات کا فریضہ دوسرے ادیان میں بھی موجود تھا (اَقِیۡمُوا الصَّلٰوۃَ وَ اٰتُوا الزَّکٰوۃَ)۔ توحید کا عقیدہ، والدین ، یتیموں اور مسکینوں پر احسان کرنے کے ساتھ ساتھ زکات دینے اور لوگوں سے اچھے انداز سے گفتگو کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور نماز قائم کرنے کا حکم بھی موجود ہے، یہ سارے امور اسلام میں موجود ہیں جو کہ اسلام کی جامعیت کی علامت ہیں۔ حقوق ادا کرنے کے درجات اور مراحل ہیں:پہلا درجہ اللہ تعالیٰ کا حق، دوسرا والدین کا حق، تیسرا رشتہ داروں کا حق، چوتھا یتیموں کا حق کہ جن کے ساتھ پیار و محبت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، ’’البتہ یتیموں کا عنوان عام ہے اور رشتہ دار یتیموں کو بھی شامل ہے اور دوسرے یتیموں کو بھی شامل ہے‘‘۔ مساکین کو مالی پریشانی ہوتی ہے’’یہ بھی رشتہ داروں سے بھی ہوسکتے ہیں اور غیر بھی ہوسکتے ہیں‘‘۔ اللہ تعالیٰ نے بندوں سے توحید، والدین سے احسان، رشتہ داروں سے نیکی، نماز اور زکات ان تمام امور کا عہد و پیمان لیا ہے (اَخَذۡنَا مِیۡثَاقَ۔۔۔)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 84 تا 88
وَإِذۡ أَخَذۡنَا مِيثَٰقَكُمۡ لَا تَسۡفِكُونَ دِمَآءَكُمۡ وَلَا تُخۡرِجُونَ أَنفُسَكُم مِّن دِيَٰرِكُمۡ ثُمَّ أَقۡرَرۡتُمۡ وَأَنتُمۡ تَشۡهَدُونَ ٨٤ ثُمَّ أَنتُمۡ هَٰٓؤُلَآءِ تَقۡتُلُونَ أَنفُسَكُمۡ وَتُخۡرِجُونَ فَرِيقٗا مِّنكُم مِّن دِيَٰرِهِمۡ تَظَٰهَرُونَ عَلَيۡهِم بِٱلۡإِثۡمِ وَٱلۡعُدۡوَٰنِ وَإِن يَأۡتُوكُمۡ أُسَٰرَىٰ تُفَٰدُوهُمۡ وَهُوَ مُحَرَّمٌ عَلَيۡكُمۡ إِخۡرَاجُهُمۡۚ أَفَتُؤۡمِنُونَ بِبَعۡضِ ٱلۡكِتَٰبِ وَتَكۡفُرُونَ بِبَعۡضٖۚ فَمَا جَزَآءُ مَن يَفۡعَلُ ذَٰلِكَ مِنكُمۡ إِلَّا خِزۡيٞ فِي ٱلۡحَيَوٰةِ ٱلدُّنۡيَاۖ وَيَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِ يُرَدُّونَ إِلَىٰٓ أَشَدِّ ٱلۡعَذَابِۗ وَمَا ٱللَّهُ بِغَٰفِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُونَ ٨٥ أُوْلَٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ ٱشۡتَرَوُاْ ٱلۡحَيَوٰةَ ٱلدُّنۡيَا بِٱلۡأٓخِرَةِۖ فَلَا يُخَفَّفُ عَنۡهُمُ ٱلۡعَذَابُ وَلَا هُمۡ يُنصَرُونَ ٨٦ وَلَقَدۡ ءَاتَيۡنَا مُوسَى ٱلۡكِتَٰبَ وَقَفَّيۡنَا مِنۢ بَعۡدِهِۦ بِٱلرُّسُلِۖ وَءَاتَيۡنَا عِيسَى ٱبۡنَ مَرۡيَمَ ٱلۡبَيِّنَٰتِ وَأَيَّدۡنَٰهُ بِرُوحِ ٱلۡقُدُسِۗ أَفَكُلَّمَا جَآءَكُمۡ رَسُولُۢ بِمَا لَا تَهۡوَىٰٓ أَنفُسُكُمُ ٱسۡتَكۡبَرۡتُمۡ فَفَرِيقٗا كَذَّبۡتُمۡ وَفَرِيقٗا تَقۡتُلُونَ ٨٧ وَقَالُواْ قُلُوبُنَا غُلۡفُۢۚ بَل لَّعَنَهُمُ ٱللَّهُ بِكُفۡرِهِمۡ فَقَلِيلٗا مَّا يُؤۡمِنُونَ ٨٨
ترجمہ
اور جس وقت ہم نے تم سے یہ عہد لیا کہ ایک دوسرے کا خون مت بہاؤ اور ایک دوسرے کو اپنی زمین سے بے دخل نہ کرو پھر تم نے اس کا اقرار کیا اور تم خود ہی اس بارے گواہی دیتے ہو۔(۸۴) لیکن یہ تم ہی تو ہو جو ایک دوسرے کو قتل کرتے ہو اور اپنے ہی لوگوں میں سے کچھ کو ان کی زمین سے بے دخل کرتے ہو، ان کی مخالفت میں تم ناجائز طور پر آپس میں ایک دوسرے کو مدد فراہم کرتے ہو اور اگر وہی لوگ تمہارے پاس قیدی ہو کر آجائیں تو تم انہیں خریدتے ہو تاکہ تم پھر انہیں آزاد کرو جبکہ یہ عمل تمہارے اوپر حرام تھا، تو کیا تم کتاب کے بعض دستورات پر عمل کرتے ہو اور بعض دوسرے کا انکار کرتے ہو، لہذا جو عمل تم نے انجام دیا ہے اس کی سزا تمہارے لیے اس دنیا میں رسوائی کے سواء کچھ نہیں اور قیامت کے دن سخت ترین عذاب میں مبتلا ہوں گے، تم جو کچھ انجام دیتے ہو اللہ اس سے غافل نہیں ہے۔(۸۵) وہ ایسے لوگ ہیں جنہوں نے آخرت کو ہاتھ سے دینے کے بدلے دنیاوی زندگی حاصل کی، اس لحاظ سے ان کے عذاب میں کچھ کمی نہیں کی جائے گی اور ان کو مدد فراہم نہیں کی جائے گی۔(۸۶) ہم نے موسیٰ کو کتاب (تورایت) دی اور ان کے بعد ہم نے پے در پے پیغمبروں کو بھیجا اور عیسیٰ بن مریم کو واضح اور روشن معجزات اور دلائل عطا کئے اور روح القدس سے ان کی تائید (مدد فراہم) کی، پس ایسا کیوں ہے کہ جب بھی تمہاری خواہش کے برعکس پیغمبر کوئی حکم لے آئے تو تم نے اس کے سامنے تکبر کرتے ہوئے اس پر ایمان لانے کی بجائے ان میں سے کچھ کو جھٹلایا اور کچھ کو قتل کردیا۔ (۸۷)انہوں نے (پیغمبروں کا مذاق اڑاتے ہوئے) کہا: ہمارے دلوں پر پردہ لگا ہوا ہے(ہم تمہارے بیانات کو نہیں سمجھتے، جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں) بلکہ ان کے کفر کی وجہ سے اللہ نے انہیں اپنی رحمت سے دور کردیا ہےپس وہ کم ہی ایمان لائیں گے۔(۸۸)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۸۴:

ہوسکتا ہے اس آیت میں بنی اسرائیل سے عہد وپیمان لینے سے مراد یہ ہو جس کے متعلق سورہ مائدہ آیت ۳۲ میں بیان ہوا ہے کہ ہم نے بنی اسرائیل کو یہ حکم دیا کہ جو شخص کسی کو ناحق قتل کردے تو گویا اس نے ایک انسان کو قتل نہیں کیا بلکہ اس نے سب انسانوں کو قتل کیا ہے۔ حیات کا حق ہر انسان کا پہلا اور بنیادی حق ہے اور بے گناہ انسان کا قتل گناہ کبیرہ ہے۔ امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: مقتول کے سارے گناہ قاتل کی گردن پر آجاتے ہیں۔ نیز حدیث میں یہ بھی آیا ہے کہ اگر تمام آسمانوں اور زمین میں رہنے والے کسی ایک مومن کے قتل ناحق میں شریک ہوں تو سب دوزخ میں پھینکے جائیں گے۔ ظالم حکمرانوں کا یہ شیوہ رہا ہے کہ وہ اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کرتے ہیں۔ اس کے لیے مضبوط قلعے بناتے ہیں، بلند و بالا اور مضبوط عمارتیں تعمیر کرتے ہیں، اپنے دفاع کے لیے مضبوط محلات تعمیر کرتے ہیں اور اس کے لیے عام لوگوں کو دربدر کرتے ہیں، ان کی ہتک حرمت کرتے ہیں، انہیں اذیتیں دیتے ہیں اور ان کا ناحق قتل کرتے ہیں، مقروض کو قرض کی ادائیگی کے لیے رہائشی مکان فروخت کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ جو بھی دوسرے سے پہلے کسی جگہ کو اپنے کام کاج کے لیے انتخاب کرے یا عبادت کے لیے کسی جگہ کا انتخاب کرے یا کھیتی باڑی کے لیے پہلے کسی جگہ کا انتخاب کرلے تو وہ اس کا دوسروں سے زیادہ حقدار ہے اور دوسروں کو اس کی مزاحمت کرنے کی اجازت نہیں۔ رسول خداﷺ کے زمانے کے یہودیوں کے متعلق یہ جملہ (اَقۡرَرۡتُمۡ وَ اَنۡتُمۡ)تم نے اقرار اور تسلیم کیا، اس بنا پر ہے کہ ان کے بزرگوں نے ایسا اقرار کیا تھا، ان کے بزرگوں کا اقرار ان کا بھی اقرار ہے اور ان کے بعد والی نسلوں کا بھی اقرار ہے۔ جی ہاں! جو شخص کسی شخص سے یا ماضی یا آئندہ آنے والی کسی قوم کے عمل پر راضی ہو تو وہ اس کے کام میں شریک جانا جائے گا۔ اہم کاموں کو انجام دینے کے لیے فقط ایک فرمان جاری کرنا کافی نہیں بلکہ ان کاموں کے لیے عہد و پیمان لینا بھی ہوتا ہے (اَخَذۡنَا مِیۡثَاقَکُمۡ)۔ تمام الٰہی قوانین میں انسان کی جان کی حفاظت اور اس کے وطن میں امن و امان برقرار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے (لَا تَسۡفِکُوۡنَ،لَا تُخۡرِجُوۡنَ)۔ وطن سے محبت فطری حق ہے، اس حق کو چھیننا ظلم ہے (وَ لَا تُخۡرِجُوۡنَ اَنۡفُسَکُمۡ مِّنۡ دِیَارِکُمۡ)۔ معاشرہ جسم واحد کی مانند ہےاور اس کے افراد ایک ہی جسم کے اعضاء کی طرح ہیں (دِمَآءَکُم، اَنۡفُسَکُمۡ) دوسرے کو قتل کرنا یا اسے گھر سے بے دخل کرنا خود اپنے اوپر ظلم کرنے کے مترادف اور اپنے آپ کو بے گھر کرنا ہے۔ بنی آدم اعضاء یکدیگر اند کہ در آفرینش ز یک گوہر اند ’’انسان ایک جسم کے اعضاء کی طرح ہیں وہ سب ایک ہی جوہر سے پیدا ہوئے ہیں‘‘

آیت ۸۵:

اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کی سرزنش کی ہے کہ اللہ تعالیٰ سے عہد باندھنے کے باوجود انہوں نے ایک دوسرے کو قتل کیا اور ایک دوسرے کو گھروں سے بے دخل کردیا۔ تمہاری ذمہ داری تھی کہ تم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دو جو باہمی صحیح روابط اور تعلقات پر استوار ہو، گھرانہ، قبیلہ، خاندانی روابط قائم ہوں، ایک دوسرے کی مشکلات حل کریں، ایک دوسرے کے مددگار بنیں، لیکن تم نے باہمی پیار و محبت کو جگہ جنگ و جدل میں تبدیل کیا، ایک دوسرے کے حقوق کو پامال کیا، گناہ میں ایک دوسرے کی مدد کی، نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے کے مددگار نہ بنے، تفرقہ اور افراتفری کو رواج دیا، تمہاری حمایت سے ظالم و جابر حکمران معاشرہ پر مسلط ہوئے، ظالم و جابر حکمرانوں کو جرائت ہوئی کہ وہ لوگوں کو قتل کریں اور انہیں جلا وطن کردیں، ان لڑائیوں میں اگر کچھ کو قیدی بنا کر لے آؤ تو اس کا تاوان دے کر اسے آزاد کرو، جبکہ تورایت میں تمہیں یہ حکم دیا گیا تھا کہ ایک دوسرے کو قتل نہ کرو، ایک دوسرے کو گھروں سے بے دخل نہ کرو لیکن تم نے اس پر کان نہیں دھرا۔ اب تم اس بات کے لیے تیار رہو کہ ایک دوسرے کو قتل کرو، پھر اسیر بناؤ اور پھر انہیں آزاد کرو، اگر اسیر بننا توہین ہے تو قتل کرنا اس سے زیادہ برا ہے، تم اللہ تعالیٰ کا حکم نہیں مانتے ہو بلکہ اس کی آیات کو اپنی مرضی اور نفسانی خواہشات کے تحت تبدیل کرتے ہو، جو بات تمہاری مرضی کی ہو تو اسے مانتے ہو اور اگر تمہاری خواہش کے خلاف ہو تو اسے نہیں مانتے ہو۔ اس آیت میں دین کے بعض احکام پر عمل کرنے اور بعض کو چھوڑنے کے خطرہ سے خبردار کیا گیا ہے، بعض لوگ دین کے کچھ احکام کو لیتے ہیں اور کچھ کو چھوڑ دیتے ہیں۔ اگر مسلمان اسلام کے انفرادی احکام پر عمل کریں لیکن اجتماعی مسائل کو قبول نہ کریں تو پھر انہیں ذلت و رسوائی کا سامنا کرنے کا منتظر رہنا چاہیے، انہیں دنیا میں ذلت و رسوائی اور آخرت میں سخت عذاب کا سامنا کرنا ہوگا۔ معاشرے میں کتنے لوگ ایسے ہیں جو نماز و روزہ کی پابندی کرتے ہیں لیکن حکومت، عدلیہ اور اجتماعیت سے متعلق احکام کے پابند نہیں ہیں۔ گناہ میں مدد دینا جائز نہیں (تَظٰہَرُوۡنَ عَلَیۡہِمۡ بِالۡاِثۡمِ وَ الۡعُدۡوَانِ)۔ ایمان کی نشانی عمل ہے، اگر کوئی شخص دین کے دستورات پر عمل کرتا ہے تو وہ مومن ہے اور جو دینی احکام پر عمل نہیں کرتا گویا وہ مومن ہی نہیں (اَفَتُؤۡمِنُوۡنَ بِبَعۡضِ الۡکِتٰبِ وَ تَکۡفُرُوۡنَ بِبَعۡضٍ) قرآن مجید بجائے اس کے کہ کہتا ’’تم بعض احکام اور دستورات کو کیوں چھوڑتے ہو‘‘یہ کہا ہے کہ ’’تم بعض دستورات کا کفر کیوں کرتے ہو؟‘‘،’’عمل نہ کرنے کو کفر کہا ہے‘‘۔ حقیقی ایمان دین کے ان دستورات پر عمل کرنا ہے جو انسان کے مزاج کے خلاف ہوں، ورنہ جو دستورات انسان کے مزاج اور اس کی طبیعت کے مطابق ہوں اس پر تو وہ ان احکام کے بغیر بھی عمل کرتا ہے۔ ایمان کا معیار ان دستورات پر عمل کرنا نہیں بلکہ ایمان کا معیار تمام الٰہی دستورات پر عمل کرنا ہے خواہ وہ انسان کے مزاج کے مطابق ہوں یا اس کے مزاج کے مخالف ہوں(تَقۡتُلُوۡنَ، تُفٰدُوۡہُمۡ)۔ بنی اسرائیل ایک دوسرے کو قتل کرنے کے بارے تورایت کا حکم نہیں مانتے لیکن اسیروں کو آزاد کرنے کے متعلق تورایت کے دستورات پر عمل کرتے ہیں۔ بعض آیات کا کفر گویا تمام احکام اور ساری آیات کا انکار ہے، اسی لیے جو لوگ بعض آیات پر عمل کرتے ہیں ان کی سزا دنیا میں ذلت رسوائی اور آخرت میں دردناک عذاب ہے (خِزۡیٌ فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا۔۔۔یُرَدُّوۡنَ اِلٰۤی اَشَدِّ الۡعَذَابِ)۔

آیت ۸۶:

اس آیت میں عہد و پیمان توڑنے کی وجہ انسانوں کا قتل کرنا اور بعض آیات پر عمل نہ کرنا بیان ہوا ہے۔ یہ لوگ دنیاوی زندگی چاہتے ہیں اس لیے وہ صرف ان ہی احکام پر عمل کرتے ہیں جو ان کے مفادات کو پورا کرتے ہیں اور جو احکام ان کے مفادات کو پورا نہیں کرتے وہ ان پر عمل نہیں کرتے۔ لہذا دنیا پرستوں کے دنیاوی اور اخروی عذاب میں کمی نہیں ہوگی، یہ ان کا گمان ہے کہ یا تو انہیں عذاب ہی نہ ہوگا اگر عذاب ہوا تو بہت تھوڑے عرصہ کے لیے ہوگا۔ ان کا یہ وہم و گمان درست نہیں؛ انہیں وہی سزا ملے گی جو دوسرے مجرموں کو ملنی ہے۔ انسان صاحب اختیار ہے اور اسے راستے کے انتخاب کا حق دیا گیا ہے، وہ تمام آیات جن کا مضمون یہ ہے کہ ’’انسان نے دنیا کو لے لیا اور آخرت کو بیچ دیا‘‘ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انسان مجبور نہیں ہے بلکہ اس کے پاس اختیار ہے، وہ خود ہی سوچ سمجھ کر اور حساب کتاب لگا کر کسی راستے کا انتخاب کرتا ہے (اشۡتَرَوُا)۔ الٰہی قانون میں سب برابر ہیں (فَلَا یُخَفَّفُ) بنی اسرائیل کا اپنے آپ کو دوسروں سے افضل سمجھنا اور یہ کہنا کہ ہم اللہ کے بیٹے اور اس کے محبوب ہیں، ان کا یہ خیال درست نہیں۔ اللہ تعالیٰ کا غضب کسی ایسے انسان کو نہیں چھوڑتا جو ضد اور ہٹ دھرمی کی بنیاد پر کفر اختیار کرے۔

آیت ۸۷:

اس آیت میں یہ بتایا گیا ہے کہ لوگوں کی ہدایت کے لیے اللہ تعالیٰ ان پر پے درپے لطف اور مہربانی فرماتا ہے کہ حضر ت موسیٰ علیہ السلام کے بعد حضرت داود علیہ السلام، حضرت سلیمان علیہ السلام، حضرت یوشع علیہ السلام اور حضرت زکریا علیہ السلام جیسے پیغمبروں کو بھیجا، ان انبیاء کے بعد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو بھیجا، ان تمام انبیاء کو واضح و روشن آیات اور معجزات و دلائل کے ساتھ بھیجا گیا، جن کی روح القدس سے تائید کی جاتی رہی لیکن بنی اسرائیل نے ہٹ دھرمی اور تکبر کرتے ہوئے ہدایت کو قبول کرنے کی بجائے انبیاء کو جھٹلایا اور انہیں قتل کیا۔ تعلیم و تربیت کسی ایک وقت یا زمانے کے ساتھ مخصوص نہیں بلکہ اس میں تسلسل ضروری ہے (قَفَّیۡنَا) ایک کےبعد دوسرے پیغمبر کو بھیجنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری انسانی تاریخ میں تعلیم و تربیت اور ہدایت کا سلسلہ جاری رہا۔ فرشتے اولیاء الٰہی کی مدد کرتے ہیں (اَیَّدۡنٰہُ بِرُوۡحِ الۡقُدُسِ)۔ انبیاء کو حکم ہے کہ وہ لوگوں کے پاس جائیں (جَآءَکُمۡ رَسُوۡلٌ)۔ ہدایت، نفسانی خواہشات اور ذاتی رجحانات سے ہم آہنگ نہیں (لَا تَہۡوٰۤی اَنۡفُسُکُمُ)۔ نفسانی خواہشات کی پیروی انسان کو پیغمبر کے قتل تک لے جاتی ہے(فَرِیۡقًا تَقۡتُلُوۡنَ)۔ انبیاء علیہم السلام طے شدہ اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی جان تک قربان کر دیتے ہیں (فَرِیۡقًا تَقۡتُلُوۡنَ)۔

آیت ۸۸:

بظاہر یہ طنزیہ جواب انبیاء کے خلاف تمام مشرکین اور باغیوں کا نعرہ تھا، جیسے وہ حضرت شعیب علیہ السلام کے جواب میں کہتے تھے (یٰاشُعَیۡبُ مَا نَفۡقَہُ)’’ھود، ۹۱‘‘ ہم تیری بات کو نہیں سمجھتے۔ انسان اپنی بدبختی کی راہ خود اپنے ہاتھوں سے ہموار کرتا ہے، اگر کسی گروہ پر اللہ تعالیٰ کا قہر و غضب ہوا تو یہ خود ان کی ہٹ دھرمی، ضد اور کفر کی وجہ سے ہے (لَعَنَہُمُ اللّٰہُ بِکُفۡرِہِمۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 89 تا 93
وَلَمَّا جَآءَهُمۡ كِتَٰبٞ مِّنۡ عِندِ ٱللَّهِ مُصَدِّقٞ لِّمَا مَعَهُمۡ وَكَانُواْ مِن قَبۡلُ يَسۡتَفۡتِحُونَ عَلَى ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ فَلَمَّا جَآءَهُم مَّا عَرَفُواْ كَفَرُواْ بِهِۦۚ فَلَعۡنَةُ ٱللَّهِ عَلَى ٱلۡكَٰفِرِينَ ٨٩ بِئۡسَمَا ٱشۡتَرَوۡاْ بِهِۦٓ أَنفُسَهُمۡ أَن يَكۡفُرُواْ بِمَآ أَنزَلَ ٱللَّهُ بَغۡيًا أَن يُنَزِّلَ ٱللَّهُ مِن فَضۡلِهِۦ عَلَىٰ مَن يَشَآءُ مِنۡ عِبَادِهِۦۖ فَبَآءُو بِغَضَبٍ عَلَىٰ غَضَبٖۚ وَلِلۡكَٰفِرِينَ عَذَابٞ مُّهِينٞ ٩٠ وَإِذَا قِيلَ لَهُمۡ ءَامِنُواْ بِمَآ أَنزَلَ ٱللَّهُ قَالُواْ نُؤۡمِنُ بِمَآ أُنزِلَ عَلَيۡنَا وَيَكۡفُرُونَ بِمَا وَرَآءَهُۥ وَهُوَ ٱلۡحَقُّ مُصَدِّقٗا لِّمَا مَعَهُمۡۗ قُلۡ فَلِمَ تَقۡتُلُونَ أَنۢبِيَآءَ ٱللَّهِ مِن قَبۡلُ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ ٩١ ۞ وَلَقَدۡ جَآءَكُم مُّوسَىٰ بِٱلۡبَيِّنَٰتِ ثُمَّ ٱتَّخَذۡتُمُ ٱلۡعِجۡلَ مِنۢ بَعۡدِهِۦ وَأَنتُمۡ ظَٰلِمُونَ ٩٢ وَإِذۡ أَخَذۡنَا مِيثَٰقَكُمۡ وَرَفَعۡنَا فَوۡقَكُمُ ٱلطُّورَ خُذُواْ مَآ ءَاتَيۡنَٰكُم بِقُوَّةٖ وَٱسۡمَعُواْۖ قَالُواْ سَمِعۡنَا وَعَصَيۡنَا وَأُشۡرِبُواْ فِي قُلُوبِهِمُ ٱلۡعِجۡلَ بِكُفۡرِهِمۡۚ قُلۡ بِئۡسَمَا يَأۡمُرُكُم بِهِۦٓ إِيمَٰنُكُمۡ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ ٩٣
ترجمہ
جب اللہ کی طرف سے ان کے لیے کتاب آگئی کہ جو نشانیاں ان کی کتاب میں بیان ہوئی ہیں اس کتاب میں انہیں درست قرار دیا گیا، اس سے پہلے وہ خود اس بات کی نوید دیتے تھے کہ نئے پیغمبر کے آنے پر وہ کافروں پر غلبہ حاصل کرلیں گے، اس سب کے باوجود انہوں نے اس پیغمبر کو اور اس کی کتاب کو جان لیا تھا وہ ان کے پاس آگئے تو وہ ان کے کافر ہوگئے، کافروں پر اللہ کی لعنت ہو۔(۸۹) کتنا برا معاملہ ہے جو انہوں نے انجام دیا ہے کہ صرف اس بات کی ضد میں خدا کے نازل کیے کا انکار کرتے ہیں کہ اللہ اپنے بندوں میں سے جس پر چاہتا ہے اپنا فضل نازل کرتا ہے، لہذا وہ پے در پے اللہ کے عذاب میں مبتلا ہوئے، کافروں کے لیے خوار و ذلیل کرنے والا عذاب ہے۔(۹۰) جب ان سے کہا جاتا ہے: جو کچھ اللہ نے اتارا ہے اس پر ایمان لے آؤ تو وہ کہتے ہیں: ہم تو صرف اسی پر ایمان لائیں گے جو ہمارے اپنے (پیغمبر )پر نازل ہوا ہے، اس کے علاوہ (جس کسی پر کچھ نازل ہوا) وہ اس کے انکار ی ہوگئے جبکہ یہ (قرآن) برحق ہے اور ان کی کتاب میں موجود نشانیاں اس کی تصدیق کرتی ہیں، ان سے کہہ دو: تو پھر تم کیوں اس سے پہلے اللہ کے پیغمبروں کو قتل کردیتے تھے؟(۹۱) موسیٰ روشن و واضح دلائل و معجزات تمہارے لیے لے کر آئے لیکن تم نے ان کی عدم موجودگی میں گوسالہ کو اپنا معبود بنا لیا جبکہ تم اپنے اس اقدام سے اپنے اوپر ستم کرنے والے تھے۔(۹۲) جب ہم نے تم سے یہ عہد لیا اور کوہ طور کو تمہارے اوپر لے آئے اور ہم نے کہا:جو دستورات ہم نے تمہیں دئے ہیں انہیں مضبوطی سے پکڑ لو اور اچھی طرح غور کرو اور عمل کرو تو انہوں نے کہا: ہم نے سن لیا اور ہم نے نافرمانی کی، انہوں نے اپنے کفر کی وجہ سے گوسالہ کی پرستش سے دل لگا لیا، ان سے کہو: اگر ایمان کا دعویٰ کرتے ہو تو جان لو تمہارا ایمان تمہیں بہت بری چیز کا حکم دیتا ہے۔(۹۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۸۹:

یہ آیت بنی اسرائیل کی نفسانی خواہشات کی پیروی اور ہٹ دھرمی کا ایک اور منظر کو بیان کررہی ہے کہ وہ تورایت کی بشارتوں کی بنیاد پر ایک پیغمبر کی بعثت کا انتظار کر رہے تھے یہاں تک کہ وہ ایک دوسرے کو اس بات کی خوشخبری دیتے تھے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: یہودیوں کی مدینہ میں رہائش رکھنے کی وجہ یہ تھی کہ ان کو معلوم تھا کہ یہ شہر رسول کی ہجرت کا مقام ہوگا۔ اسی وجہ سے انہوں نے رسولﷺ کی آمد سے پہلے وہاں پر سکونت اختیار کرلی۔ لیکن پیغمبر اسلامﷺ کی آمد کے بعد جب انہوں نے دیکھ لیا کہ وہ تمام نشانیاں ان میں موجود ہیں جو انہوں نے اس پیغمبر کے بارے میں تورایت میں پڑھی تھیں، انہیں ماننے سے انکار کردیا اور کفر اختیار کیا۔ الٰہی ادیان نہ صرف ایک دوسرے کے مد مقابل نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تصدیق کرتے ہیں (مُصَدِّقٌ)۔ ہر استقبال پر بھروسہ نہیں کرنا چاہئے، یہودی مدینہ میں مستقبل کے انتظار میں تھے، وہ مستقبل پر نظر رکھے ہوئے تھے کہ ایک رسول نے ہجرت کرکے مدینہ میں آنا ہے لیکن ان کا یہ انتظار کرنا ان کے فائدہ میں نہ ہوا کہ انہوں نے نشانیوں کے باوجود رسول کی آمد کے بعد ان کا کفر کردیا (کَانُوۡا مِنۡ قَبۡلُ ۔۔۔کَفَرُوۡا بِہٖ)۔ حق کی معرفت اور اس سے آگہی کافی نہیں کیونکہ کتنا زیادہ دیکھنے میں آیا ہے کہ بہت سارے ایسے لوگ تھے جنہوں نے حق کو پہچان لیا لیکن ہٹ دھرمی اور ضد بازی کی وجہ سے اس حق کا انکار کردیا اور کافر ہوگئے (فَلَمَّا جَآءَہُمۡ مَّا عَرَفُوۡا کَفَرُوۡا)۔

آیت ۹۰:

اس آیت میں یہودیوں کا پیغمبر اسلامﷺپر ایمان لانے سے انکار کرنے کی وجہ کو اس طرح بیان کیا ہے: وہ حسد کرتے تھے کہ بنی اسرائیل سے کسی ایک پر وحی کیوں نہ آئی، ان کا حسد کرنا اور کفر اپنانا بہت ہی برا معاملہ تھا جس کے بدلے انہوں نے خود کو فروخت کیا۔ بعض دفعہ حسد کفر کا سبب بن جاتا ہے، بنی اسرائیل کی یہ آرزو تھی کہ پیغمبر موعود بنی اسرائیل سے ہو، جب ان کی یہ آرزو پوری نہ ہوئی تو انہوں نے حسد کیا اور پیغمبراسلامﷺ کو ماننے سے انکار کیا (بَغۡیًا اَنۡ یُّنَزِّلَ)۔ پیغمبری اللہ تعالیٰ کا فضل ہے (مِنۡ فَضۡلِہٖ عَلٰی مَنۡ یَّشَآءُ)۔ انسانوں کی ناراضگی کا اللہ تعالیٰ کے حکیمانہ الطاف اور اس کی مہربانیوں اور نوازشات پر کوئی اثر نہیں ہوتا، اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے اس پر اپنا فضل کرتا ہے چاہے یہ فضل و انعام دوسرے لوگوں کو پسند ہو یا نہ ہو، اللہ تعالیٰ کا فضل اسی کی مشیت اور مرضی سے ہوتا ہے لوگوں کی مرضی سے نہیں ہوتا (مَنۡ یَّشَآءُ)۔ سب سے زیادہ خسارے کا کاروبار وہ ہے کہ انسان اپنا سب کچھ دے دے اور اس کے بدلے اللہ تعالیٰ کا غضب کما لے (بِئۡسَمَا اشۡتَرَوۡا۔۔۔غَضَبٍ، عَذَابٌ مُّہِیۡنٌ)۔

آیت ۹۱:

پیغمبراسلامﷺ کو تمام امتوں کو دعوت دینے کا حکم تھا کہ سب کو اسلام کی طرف دعوت دیں (قِیۡلَ لَہُمۡ)۔ کافروں کے کفر کا ایک سبب قومی تعصبات اور نسل پرستی ہے (نُؤۡمِنُ بِمَاۤ اُنۡزِلَ عَلَیۡنَا وَ یَکۡفُرُوۡنَ بِمَا وَرَآءَہٗ)۔ ایمان کا معیار آئین و شریعت ہے نہ کہ قوم، قبیلہ اور نسل (وَ ہُوَ الۡحَقُّ)۔ قرآن مجید پورا کا پورا حق ہے (اَنۡزَلَ اللّٰہُ ۔۔۔ وَ ہُوَ الۡحَقُّ)۔ اس اعتبار سے کہ رسول اسلامﷺ کے زمانے میں موجود یہودی ماضی میں گزرے اپنے بڑوں کے افکار اور نظریات اور اعمال کے حامی تھے اس لیے اللہ تعالیٰ نے انبیاء کے قتل کی نسبت ان کی طرف دی ہے (فَلِمَ تَقۡتُلُوۡنَ )۔ جھوٹ، رسوائی کا باعث بنتا ہے (فَلِمَ تَقۡتُلُوۡنَ۔۔۔ اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِیۡنَ) اگر بنی اسرائیل سے جو انبیاء ہیں ان پر تمہارا ایمان ہے تو پھر تم انہیں قتل کیوں کرتے ہو؟ جیسے حضرت یحیٰ علیہ السلام اور حضرت زکریا علیہ السلام کو شہید کیا۔

آیت ۹۲:

اس بات کا ایک اور ثبوت یہ ہے کہ تم نے حضرت محمدﷺ پر ایمان نہ لانے کے لیے بہانہ بنایا کہ وہ عرب قوم سے ہیں لیکن حضرت موسیٰ علیہ السلام جو تمہاری ہی قوم سے برترین تھے جب وہ اتنے سارے دلائل اور معجزات کے ساتھ تمہارے درمیان آئے چند راتوں کے لیے تمہارے درمیان سے چلے گئے تو تم نے ان کی عدم موجودگی میں گوسالہ پرستی شروع کردی۔ وہ کوہ طور پر تورایت لینے کے لیے گئے تھے ۔ تم نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی تمام مشقتوں کو ہوا میں اڑا دیا اور اپنے اوپر ظلم کیا۔ سابقہ واقعات کو سامنے رکھ کر صحیح فیصلہ کیا جاسکتا ہے (اتَّخَذۡتُمُ الۡعِجۡلَ)۔ شرک اور جاہلیت کی طرف پلٹ جانا اپنے اوپر اور بعد والی نسلوں پر ظلم ہے(وَ اَنۡتُمۡ ظٰلِمُوۡنَ)۔

آیت ۹۳:

یہودیوں کی آخری بات یہ تھی کہ اگر پیغمبر بنی اسرائیل سے نہ ہو تو ہم اس پر ایمان نہیں لائیں گے اور فقط اسی کتاب کو قبول کریں گے جو ہمارے اوپر اتاری گئی ہو۔ ان کے جواب میں قرآن مجید نے ان کے جھوٹ کے چند نمونے پیش کئے ہیں: ۱۔ ایک نمونہ سابقہ آیت میں بیان ہوا کہ اگر تم اس دعویٰ میں سچے ہو تو پھر تم نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو پیٹھ دکھا کر گوسالہ پرستی کیوں کی؟ ۲۔ ان کے جھوٹ کی دوسری مثال اس آیت میں بیان ہوئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ہم نے تم سے عہد لیا اور کوہ طور کو زمین سے اٹھا کر تمہارے سروں پر لاکھڑا کیا اور تم سے یہ کہا کہ مضبوطی کے ساتھ تورایت میں بیان شدہ آسمانی دستورات کو تھام لو، انہیں غور سے سنو اور ان پر عمل کرو، لیکن تم نے کہا کہ ہم ان دستورات کو سنیں گے لیکن ان کے مطابق عمل نہیں کریں گے۔ اب تم قرآن اور رسول اسلامﷺ پر اس بہانے سے ایمان نہیں لاتے ہو کہ حضرت محمدﷺ ہماری قوم سے نہیں اور قرآن ہمارے اوپر نازل نہیں ہوا، تو پھر تم نے حضرت موسیٰ علیہ السلام جو تمہاری قوم سے تھے اور تورایت جو تمہارے اوپر نازل ہونے والی کتاب تھی اس کے ساتھ ایسا رویہ کیوں اپنایا؟ قرآن مجید یہودیوں کے قرآن پر عقیدہ نہ رکھنے کی وجہ کو اس طرح بیان کرتا ہے: کفر کی وجہ سے ان کے دلوں میں گوسالہ پرستی کی محبت بھر چکی تھی اور ان میں سوچنے اور ایمان لانے کی گنجائش باقی نہ رہی تھی، وہ گوسالہ پرستی کی محبت میں غرق ہوچکے تھے۔ اگر بنی اسرائیل اپنے دعویٰ میں سچے ہیں کہ جو ہمارے اوپر نازل ہوا ہے اس پر ایمان لائیں گے تو ان کے اعمال کی فائل میں موجود جرائم اور خلاف ورزیوں کا کیا عذر پیش کریں گے؟ کیا گوسالہ پرستی، عہد شکنی اور پیغمبر کو قتل کرنا بھی ایمان کا حصہ ہے؟! عہد و پیمان لینا عمل کے لیے محرک ہے (وَ اِذۡ اَخَذۡنَا مِیۡثَاقَکُمۡ)۔ الٰہی انقلاب کے ثمرات کی حفاظت کے لیے خبردار رہنا ضروری ہے (رَفَعۡنَا فَوۡقَکُمُ)۔ الٰہی دستورات اور احکام کے نفاذ کے لیے قدرت، طاقت، سنجیدگی، عشق اور فیصلہ کن اقدامات کرنا ضروری ہے، غفلت، لاپرواہی، بے توجہی اور سستی و کاہلی سے یہ کام انجام نہیں پاسکتا (خُذُوۡا مَاۤ اٰتَیۡنٰکُمۡ بِقُوَّۃٍ )۔ کسی شئے سے حد سے زیادہ عشق اور تعلق بھی خطرناک ہوسکتاہے، اگر انسان کا دل کسی ایک چیز پر لگ جائے تو پھر وہ حقائق کو قبول کرنے پر تیار نہیں ہوتا (اُشۡرِبُوۡا فِیۡ قُلُوۡبِہِمُ الۡعِجۡلَ)، جیسا کہ مشہور ضرب المثل ہے (حُبُّ الشَّئ یُعْمِی وَ یَصُمُّ)کسی چیز سے حد سے زیادہ محبت انسان کو اندھا اور بہرہ کردیتی ہے، انسان اس شئے کے عیوبوں اور کمزوریوں کو قبول کرنے پر تیار نہیں ہوتا۔ انسان کا عمل اس کے خیالات اور عقائد کی عکاسی کرتا ہے(بِئۡسَمَا یَاۡمُرُکُمۡ بِہٖۤ اِیۡمَانُکُمۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 94 تا 101
قُلۡ إِن كَانَتۡ لَكُمُ ٱلدَّارُ ٱلۡأٓخِرَةُ عِندَ ٱللَّهِ خَالِصَةٗ مِّن دُونِ ٱلنَّاسِ فَتَمَنَّوُاْ ٱلۡمَوۡتَ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ ٩٤ وَلَن يَتَمَنَّوۡهُ أَبَدَۢا بِمَا قَدَّمَتۡ أَيۡدِيهِمۡۚ وَٱللَّهُ عَلِيمُۢ بِٱلظَّٰلِمِينَ ٩٥ وَلَتَجِدَنَّهُمۡ أَحۡرَصَ ٱلنَّاسِ عَلَىٰ حَيَوٰةٖ وَمِنَ ٱلَّذِينَ أَشۡرَكُواْۚ يَوَدُّ أَحَدُهُمۡ لَوۡ يُعَمَّرُ أَلۡفَ سَنَةٖ وَمَا هُوَ بِمُزَحۡزِحِهِۦ مِنَ ٱلۡعَذَابِ أَن يُعَمَّرَۗ وَٱللَّهُ بَصِيرُۢ بِمَا يَعۡمَلُونَ ٩٦ قُلۡ مَن كَانَ عَدُوّٗا لِّـجِبۡرِيلَ فَإِنَّهُۥ نَزَّلَهُۥ عَلَىٰ قَلۡبِكَ بِإِذۡنِ ٱللَّهِ مُصَدِّقٗا لِّمَا بَيۡنَ يَدَيۡهِ وَهُدٗى وَبُشۡرَىٰ لِلۡمُؤۡمِنِينَ ٩٧ مَن كَانَ عَدُوّٗا لِّلَّهِ وَمَلَٰٓئِكَتِهِۦ وَرُسُلِهِۦ وَجِبۡرِيلَ وَمِيكَىٰلَ فَإِنَّ ٱللَّهَ عَدُوّٞ لِّلۡكَٰفِرِينَ ٩٨ وَلَقَدۡ أَنزَلۡنَآ إِلَيۡكَ ءَايَٰتِۭ بَيِّنَٰتٖۖ وَمَا يَكۡفُرُ بِهَآ إِلَّا ٱلۡفَٰسِقُونَ ٩٩ أَوَكُلَّمَا عَٰهَدُواْ عَهۡدٗا نَّبَذَهُۥ فَرِيقٞ مِّنۡهُمۚ بَلۡ أَكۡثَرُهُمۡ لَا يُؤۡمِنُونَ ١٠٠ وَلَمَّا جَآءَهُمۡ رَسُولٞ مِّنۡ عِندِ ٱللَّهِ مُصَدِّقٞ لِّمَا مَعَهُمۡ نَبَذَ فَرِيقٞ مِّنَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ كِتَٰبَ ٱللَّهِ وَرَآءَ ظُهُورِهِمۡ كَأَنَّهُمۡ لَا يَعۡلَمُونَ ١٠١
ترجمہ
ان سے کہو: جس طرح تمہارا دعویٰ ہے کہ آخرت تمہارے لیے مخصوص ہے باقی لوگوں کے لیے نہیں تو پھر تم موت کی آرزو کرو اگر تم سچ کہہ رہے ہو۔(۹۴) لیکن وہ ان برے اعمال کی وجہ سے جو انہوں نے اپنے لیے آگے بھیجے ہیں ہرگز موت کی آرزو نہیں کریں گے، اللہ ظالموں سے آگاہ ہے۔(۹۵) اے پیغمبر! تم یہودیوں کو مشرکین سے بھی زیادہ اس دنیاوی زندگی اور اس میں مال و ثروت اکٹھا کرنے کے بارے حریص پاؤ گے، اس حد تک کہ ان میں سے ہر ایک کی یہ آرزو ہے کہ اسے ہزار سال عمر ملے جبکہ اگر انہیں اتنی لمبی عمر دی جائے تو یہ انہیں اللہ کے عذاب سے نہیں بچا ئے گی، اللہ ان کے اعمال سے واقف ہے۔(۹۶) (یہودی کہتے ہیں: جو فرشتہ آپ پر وحی لے آتا ہے ہم اس پر ایمان نہیں لائیں گے) ان سے کہو: جو بھی جبرائیل کا دشمن ہو (درحقیقت وہ اللہ کا دشمن ہے) کیونکہ وہ تو اللہ کے حکم سے قرآن کو تیرے قلب پر اتارتا ہے، وہ قرآن جو سابقہ کتابوں کی تصدیق کرتا ہے اور ہدایت کا وسیلہ ہے اور مومنوں کے لیے بشارت ہے۔(۹۷) اور جو اللہ کا، فرشتوں کا، پیغمبروں اور جبرائیل و میکائیل کا دشمن ہو وہ کافر ہے اور یہ بات جان لو کہ اللہ کافروں کا دشمن ہے۔(۹۸) ہم نے واضح و روشن آیات کو تیری طرف بھیجا ہے، فاسقوں کے سوا کوئی ان کا کفر نہیں کرتا۔(۹۹) کیا ایسا نہیں تھا کہ جب بھی یہودی اللہ اور پیغمبر کے ساتھ عہد باندھتے تھے تو ان سے ایک گروہ اس عہد کو توڑ دیتا، حقیقت یہ ہے کہ ان سے زیادہ تر ایمان نہیں لاتے۔(۱۰۰) اور جس وقت اللہ کا بھیجا ہوا (آخری پیغمبر) ان نشانیوں کے ساتھ ان کی طرف آیا جو ان کے ہاں موجود تھیں تو اہل کتاب کی ایک جماعت نے اللہ کی کتاب کو پس پشت ڈال دیا ، ایسا لگتا تھا کہ انہیں کسی بات کا علم بھی نہیں ہے۔(۱۰۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۹۴:

بنی اسرائیل جھوٹے دعوے کرتے اور خیالات کی دنیا میں رہتے اور کہتے تھے: ہم اللہ تعالیٰ کے محبوب ہیں(نَحۡنُ اَبۡنٰٓؤُا اللّٰہِ وَ اَحِبَّآؤُہٗ)’’مائدہ، ۱۸‘‘ یہودیوں کے علاوہ کوئی اور بہشت نہیں جائے گا(لَنۡ یَّدۡخُلَ الۡجَنَّۃَ اِلَّا مَنۡ کَانَ ہُوۡدًا)’’بقرہ، ۱۱۱‘‘ اگر وہ دوزخ میں گئے تو صرف کچھ مدت کے لیے انہیں دوزخ کی آگ میں رہنا پڑے گا (لَنۡ تَمَسَّنَا النَّارُ اِلَّاۤ اَیَّامًا مَّعۡدُوۡدَۃً)’’بقرہ،۸۰‘‘ اس آیت میں ان کے تمام توہمات اورخیالات کو رد کرتے ہوئے ان سے کہا گیا ہے کہ اگر تم ان خیالات اور وہمیات پر ایمان رکھتے ہو تو پھر تم موت سے نہ گھبراؤ اور موت سے فرار نہ کرو بلکہ مرنے کی آرزو کرو تاکہ تم بہشت میں پہنچ جاؤ۔ اولیاء اللہ نہ صرف موت سے نہیں ڈرتے بلکہ موت کی آرزو بھی کرتے ہیں جس طرح امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں (وَ اَللَّهِ لاَبْنُ أَبِي طَالِبٍ آنَسُ بِالْمَوْتِ مِنَ اَلطِّفْلِ بِثَدْيِ) اللہ کی قسم! جس قدر دودھ پینے والا بچہ ماں کے سینے سے مانوس ہوتا ہے اس سے زیادہ ابوطالب کا بیٹا موت سے مانوس ہے۔ موت سفر کی مانند ہے، ایسا ڈرائیور اس سفر سے ڈرتا ہے جو راستہ سے واقف نہ ہو یا اس کی گاڑی میں تیل نہیں یا کوئی قانونی خلاف ورزی کرچکا ہے اور اسے گرفتاری کا ڈر ہے یا راستہ میں ڈاکو ہیں جو اس پر حملہ کریں گے یا جہاں جانا چاہتا ہے وہاں پر اس کے ٹھہرنے کے لیے کوئی جگہ موجود نہیں، جبکہ سچا مومن راستہ سے واقف ہے (اِلَیۡہِ الۡمَصِیۡرُ)’’شوریٰ، ۱۵‘‘، اس کے پاس زاد راہ’’گاڑی میں تیل‘‘بھی موجود ہے (عَمِلَ صَالِحًا)’’بقرہ، ۶۲‘‘،خلاف ورزیوں کی توبہ کے ذریعہ تلافی کر لی ہے؛ اس کے پاس سمگلنگ کا سامان (گناہوں کا بوجھ) نہیں ہے، جہاں جانا چاہتا ہے وہاں پر اپنی رہائش گاہ بارے بھی آگاہ ہے (جَنَّۃُ الۡمَاۡوٰی)’’نجم، ۱۵‘‘۔ اجارہ داری اور نسل پرستی کا دائرہ قیامت تک جاسکتا ہے(اِنۡ کَانَتۡ لَکُمُ الدَّارُ الۡاٰخِرَۃُ عِنۡدَ اللّٰہِ خَالِصَۃً۔۔۔)۔ انسان کا ضمیر اور وجدان بہترین جج ہے (اِنۡ کَانَتۡ۔۔۔فَتَمَنَّوُا الۡمَوۡتَ)۔ موت کی تیاری سچے اور حقیقی ایمان کی نشانی ہے (فَتَمَنَّوُا الۡمَوۡتَ اِنۡ کُنۡتُمۡ صٰدِقِیۡنَ)۔

آیت ۹۵:

موت سے نہ گھبرانا سچائی اور یقین کا نشانی ہے، جب موت آجاتی ہے تو تعارفی بیانات اور وہمیات اور خیالات ختم ہوجاتے ہیں، موت کے بعد انسان کے ہمراہ صرف اس کے اعمال ہوں گے، موت کے وقت انسان یقین کرلیتا ہے کہ دنیا کا سامان کم اور ناچیز ہے جبکہ آخرت بہتر اور ہمیشہ باقی رہنے والی ہے۔ دنیا ایسا غنچہ ہے جو کسی کے لیے نہیں کھلتا، دنیا چاہنے والے ان مکھیوں کی مانند ہیں جو مٹھائی کے گرد اکٹھی ہوتی ہیں۔ انسان اگر یقین کی منزل پر پہنچ جائے اور یہ جان لے کہ ہر لمحہ موت کے قریب ہوتا جاتا ہے تو وہ الٰہی ملاقات اور اللہ کے دیدار اور اللہ کے قریب ہونے کو محسوس کرلے گا۔ کربلا کے میدان میں امام حسین علیہ السلام جس قدر شہادت کے وقت کے قریب ہوتے جارہے تھے تو آپ کے چہرہ کی چمک میں مزید اضافہ ہوتا جاتا، خوشی اور خوشحالی آپ کے چہرے پر نمایاں ہوتی جاتی۔ شب عاشورا جب آپ نے اپنے اصحاب سے سوال کیا کہ موت تمہارے نزدیک کیسی ہے؟ تو انہوں نے جواب میں ایسے کلمات بیان کئے جو ان کے یقین اور ان کے راستے کے حق ہونے کو بیان کرتے ہیں، وہ موت کو مٹھاس جانتے تھے، کچھ تو رات کے آخری پہر ایک دوسرے کے ساتھ مذاق کررہے تھے۔ انسان در حقیقت موت سے نہیں ڈرتا بلکہ اپنے برے اعمال سے ڈرتا ہے (بِمَا قَدَّمَتۡ اَیۡدِیۡہِمۡ)۔ جھوٹے دعویدار اور بے جا توقعات رکھنے والے ظالم ہیں (وَ اللّٰہُ عَلِیۡمٌۢ بِالظّٰلِمِیۡنَ)۔

آیت ۹۶:

امام زین العابدین علیہ السلام دعائے مکارم الاخلاق میں اللہ تعالیٰ سے اس طرح سوال کرتے ہیں:(عَمِّرْنِي مَا كَانَ عُمُرِي بِذْلَةً فِي طَاعَتِكَ، فَإِذَا كَانَ عُمُرِي مَرْتَعاً لِلشَّيْطَانِ فَاقْبِضْنِي إِلَيْكَ) اے اللہ! اگر میری عمر تیری اطاعت کے راستہ میں ہو تو مجھے لمبی عمر دے لیکن اگر میری زندگی شیطان کی چراگاہ بن جائے تو اسے لے لے۔ انسان کے لیے لمبی عمر اہم نہیں بلکہ اللہ تعالٰی کا قرب، عمر کی برکت اور جہنم کی آگ سے نجات کی قدر و اہمیت ہے (لَوۡ یُعَمَّرُ اَلۡفَ سَنَۃٍ ۚ وَ مَا ہُوَ بِمُزَحۡزِحِہٖ مِنَ الۡعَذَابِ)۔ یہودی سب سے زیادہ حریص اور دنیا کے سب سے زیادہ لالچی ہیں (اَحۡرَصَ النَّاسِ عَلٰی حَیٰوۃٍ)۔ جھوٹا آدمی کم حافظہ والا ہوتا ہے، یہودی ایک طرف تو یہ کہتے ہیں کہ بہشت ہمارے لیے مخصوص ہے (لَکُمُ الدَّارُ الۡاٰخِرَۃُ عِنۡدَ اللّٰہِ خَالِصَۃ) دوسری طرف ان کی یہ آرزو ہے کہ وہ ہمیشہ دنیا میں رہیں(یُعَمَّرُ اَلۡفَ سَنَۃٍ)۔

آیت ۹۷:

اس آیت کے شان نزول میں آیا ہے کہ جب پیغمبر اکرمﷺمدینہ تشریف لے آئے تو ایک دن یہودیوں کا عالم ابن صوریا فدک کے یہودیوں کے ایک وفد کے ہمراہ آپ کے پاس آیا اور آپ سے کچھ سوالات کئے۔ حضرت نے اس کے تمام سوالات کے جوابات دئے اور انہوں نے جو نشانی طلب کی وہ نشانی انہیں بتا دی۔ ان کا آخری سوال یہ تھا کہ آپ کے لیے وحی لانے والے فرشتے کا نام کیا ہے؟ آپ نے فرمایا: جبرائیل ہے۔ انہوں نے کہا: اگر میکائیل ہوتا تو ہم آپ پر ایمان لے آتے کیونکہ جبرائیل جہاد جیسے مشکل اور سخت احکام کا دستور دیتا ہے جبکہ میکائیل آسان دستورات لاتے ہیں۔ ضدی انسان فرشتوں پر بھی تہمت لگاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کے بارے میں فرمایا کہ وہ سب معصوم ہیں (لَا یَعۡصُوۡنَ اللّٰہَ مَاۤ اَمَرَہُمۡ)’’تحریم، ۶‘‘ فرشتے کبھی بھی اللہ تعالیٰ کے فرمان کی نافرمانی نہیں کرتے۔ وہ جبرائیل کے ساتھ اپنی دشمنی کی وجہ یہ بتاتے کہ وہ مشکل اور سخت احکام لے آتے تھے جبکہ میکائیل آسان احکام لاتے تھے، یہ سکول کے اس طالب علم کی مانند ہیں جو ریاضی کے استاد کو برا کہے اور ورزش کے استاد سے محبت کرے جبکہ وہ دونوں اس کی تعلیم و تربیت کے لیے کوشاں ہیں۔ نیک افراد کی مخالفت کرنے والوں کے سامنے ان کا دفاع کرنا ضروری ہے (نَزَّلَہٗ عَلٰی قَلۡبِکَ بِاِذۡنِ اللّٰہِ) اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کے خیالات کی مذمت کی ہے اور جبرائیل کی تعریف بیان کی ہے کہ وہ ہمارے اذن کے بغبر کچھ نہیں کرتا، وہ پیغمبر تک ہمارا پیغام پہنچانے میں امین ہے۔

آیت ۹۸:

انبیاء اور اولیا کے ساتھ دشمنی رکھنا، اللہ تعالیٰ کے ساتھ دشمنی رکھنے اور کفر کے مترادف ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ عَدُوٌّ لِّلۡکٰفِرِیۡنَ)۔

آیت ۹۹:

انسان نفسانی خواہشات کی پیروی کرنے اور گناہ کے ارتکاب کی وجہ سے حق سے نکل جاتا ہے اور کفر کی طرف راغب ہوجاتا ہے۔ قرآن مجید میں ہے جو گناہ کا ارتکاب کرتا ہے اگر وہ توبہ نہ کرے اور اپنے گناہوں کی تلافی نہ کرے تو یہ کفر اور حق کو جھٹلانا ہے ’’روم، ۱۰‘‘۔ ابن صوریا نے جب پیغمبر اکرمﷺسے اپنے سوالات کے جوابات سن لیے اور اس کے پاس کوئی بہانہ نہ رہا تو اس نے کہہ دیا کیونکہ جبرائیل علیہ السلام آپ کے لیے وحی لے آتے ہیں اور وہ سخت اور مشکل احکام لاتے ہیں جبکہ میکائیل آسان احکام لاتا ہے اس لیے ہم آپ پر ایمان نہیں لاتے۔ لیکن جب یہودی عوام کے پاس گیا تو انہیں حقائق سے غافل رکھنے کے لیے ان سے کہہ دیا کہ پیغمبراسلامﷺنے اپنے دعویٰ کو سچ ثابت کرنے کے لیے کوئی واضح دلیل نہیں دی۔ اس آیت میں پیغمبر اکرمﷺکو تسلی دی گئی ہے کہ آپ ابن صوریا جیسے یہودی علماء کی بہانہ تراشیوں سے غمگین نہ ہوں کیونکہ وہی لوگ کفر اختیار کرتے ہیں جو فاسق ہیں اور نفسانی خواہشات کی پیروی اور کثرت سے گناہ کرنے کی وجہ سے حق کے دائرہ سے باہر نکل گئے ہیں۔ حقیقت کے برعکس اور ناحق اگر کسی کے عیب بیان کئے جائیں تو صحیح صورت حال بیان کرکے ایسے آدمی کا دفاع کرنا ضروری ہے، یہودی علماء نے ناحق طور پر پیغمبراسلامﷺ کو کمزور بنانے کی کوشش کی اور کہا کہ ان کے پاس اپنے دعویٰ کو ثابت کرنے کے لیے کوئی دلیل نہیں تو اللہ تعالیٰ نے آنحضرت کا دفاع کرتے ہوئے فرمایا: (اَنۡزَلۡنَاۤ اِلَیۡکَ اٰیٰتٍۭ بَیِّنٰتٍ)۔ گناہ اور فسق، کفر کا سبب بنتا ہے (مَا یَکۡفُرُ بِہَاۤ اِلَّا الۡفٰسِقُوۡنَ)۔

آیات ۱۰۰۔۱۰۱:

یہودی علماء کے پاس حضرت محمدﷺ کے متعلق جو نشانیاں موجود تھیں ان کی بنا پر وہ آپ کو اس طرح پہچانتے تھے جس طرح اپنی اولاد کو پہچانتے تھے لیکن آپ کی بعثت کے بعد انہوں نے آپ پر ایمان لانے سے انکار کردیا اور حقائق پر پردہ ڈالا اور ایسا ظاہر کرنے لگے کہ گویا وہ کچھ جانتے ہی نہیں۔ حتی اپنے مخالفوں سے بھی انصاف پر مبنی رویہ اپنایا جائے، سابقہ آیت میں فرمایا: ان میں سے اکثر ایمان نہیں لاتے، تاکہ ان میں سے بعض ایمان لانے والوں کا حق محفوظ رہے۔ اس آیت میں بھی یہی فرمایا: ان میں سے ایک گروہ ایسا ہے، تاکہ سب کو ایک نظر سے نہ دیکھا جائے (نَبَذَہٗ فَرِیۡقٌ مِّنۡہُمۡ)۔ جس علم پر عمل نہ کیا جائے وہ جہل ہے، وہ علماء جو اپنے علم کو نظر انداز کردیتے ہیں وہ جاہل ہیں (کَاَنَّہُمۡ لَا یَعۡلَمُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 102 تا 105
وَٱتَّبَعُواْ مَا تَتۡلُواْ ٱلشَّيَٰطِينُ عَلَىٰ مُلۡكِ سُلَيۡمَٰنَۖ وَمَا كَفَرَ سُلَيۡمَٰنُ وَلَٰكِنَّ ٱلشَّيَٰطِينَ كَفَرُواْ يُعَلِّمُونَ ٱلنَّاسَ ٱلسِّحۡرَ وَمَآ أُنزِلَ عَلَى ٱلۡمَلَكَيۡنِ بِبَابِلَ هَٰرُوتَ وَمَٰرُوتَۚ وَمَا يُعَلِّمَانِ مِنۡ أَحَدٍ حَتَّىٰ يَقُولَآ إِنَّمَا نَحۡنُ فِتۡنَةٞ فَلَا تَكۡفُرۡۖ فَيَتَعَلَّمُونَ مِنۡهُمَا مَا يُفَرِّقُونَ بِهِۦ بَيۡنَ ٱلۡمَرۡءِ وَزَوۡجِهِۦۚ وَمَا هُم بِضَآرِّينَ بِهِۦ مِنۡ أَحَدٍ إِلَّا بِإِذۡنِ ٱللَّهِۚ وَيَتَعَلَّمُونَ مَا يَضُرُّهُمۡ وَلَا يَنفَعُهُمۡۚ وَلَقَدۡ عَلِمُواْ لَمَنِ ٱشۡتَرَىٰهُ مَا لَهُۥ فِي ٱلۡأٓخِرَةِ مِنۡ خَلَٰقٖۚ وَلَبِئۡسَ مَا شَرَوۡاْ بِهِۦٓ أَنفُسَهُمۡۚ لَوۡ كَانُواْ يَعۡلَمُونَ ١٠٢ وَلَوۡ أَنَّهُمۡ ءَامَنُواْ وَٱتَّقَوۡاْ لَمَثُوبَةٞ مِّنۡ عِندِ ٱللَّهِ خَيۡرٞۚ لَّوۡ كَانُواْ يَعۡلَمُونَ ١٠٣ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تَقُولُواْ رَٰعِنَا وَقُولُواْ ٱنظُرۡنَا وَٱسۡمَعُواْۗ وَلِلۡكَٰفِرِينَ عَذَابٌ أَلِيمٞ ١٠٤ مَّا يَوَدُّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ مِنۡ أَهۡلِ ٱلۡكِتَٰبِ وَلَا ٱلۡمُشۡرِكِينَ أَن يُنَزَّلَ عَلَيۡكُم مِّنۡ خَيۡرٖ مِّن رَّبِّكُمۡۚ وَٱللَّهُ يَخۡتَصُّ بِرَحۡمَتِهِۦ مَن يَشَآءُۚ وَٱللَّهُ ذُو ٱلۡفَضۡلِ ٱلۡعَظِيمِ ١٠٥
ترجمہ
یہودی جو کچھ سلیمان کے زمانے میں موجود شیاطین انس و جن کے سحرو جادو سے پڑھ چکے تھے وہ اس کی پیروی کرتے تھے جبکہ سلیمان کافر نہ ہوا لیکن شیاطین نے کفر اختیار کیا کہ وہ لوگوں کو جادو کی تعلیم دیتے تھے اور یہودی بھی( اس طرح تھے) جو کچھ دو فرشتوں ھاروت و ماروت پر بابل شہر میں نازل ہوا تھا یہودیوں نے اس کی پیروی کی ، وہ جادو کا اثر ختم کرنے کا طریقہ لوگوں کو تعلیم دیتے تھے، وہ کسی کو کچھ نہیں سکھاتے مگر یہ کہ ان کو سکھانے سے پہلے کہتے تھے کہ ہم تمہارے لیے آزمائش و امتحان کا وسیلہ ہیں، جادو کو اپنا کر کافر نہ ہوجاؤ اور جادو سیکھ کر اس سے غلط استفادہ نہ کرو لیکن وہ ان دو فرشتوں سے جو کچھ سیکھتے تھے اس کے ذریعہ شوہر اور بیوی کے درمیان جدائی ڈالتے تھے، وہ کبھی بھی اللہ کی مشیت کے بغیر کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے تھے، وہ ان سے ایسے مطالب سیکھتے جو ان کے نقصان میں تھے اور انہیں فائدہ نہیں دیتے تھے، وہ یقینی طور پر جانتے تھے کہ جو بھی اس قسم کے سرمایہ کا خریدار ہو تو اس کے لیے آخرت میں کچھ فائدہ نہ ہوگا، سچ یہ ہے کہ انہوں نے خود کو گھاٹے کے مال کے عوض فروخت کردیا۔(۱۰۲) اگر وہ ایمان لے آتے اور متقی ہو جاتے تو یقینی طور پر جو ثواب اللہ کے پاس ہے وہ ان کے لیے بہتر ہوتا اگر وہ اس بات کو سمجھ جاتے۔(۱۰۳) اے وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہو! جب تم پیغمبر سے آیات کو سمجھنے کے لیے وقت کا تقاضا کرتے ہو تو ان سے (راعنا) (ہمارا لحاظ کرو) کا لفظ مت کہو بلکہ ان سے کہو: )انظرنا) (ہماری حالت پر نظر کرو) اس رہنمائی کو غور سے سن لو، کافروں کے لیے دردناک عذاب ہے۔(۱۰۴) اہل کتاب سے جو کافر ہیں اور مشرکین پسند نہیں کرتے کہ اللہ کی طرف سے تمہارے لیے کسی قسم کی اچھائی اور خیر ملے جبکہ اللہ جس کے بارے چاہتا ہے اسے اپنی رحمت سے نوازتا ہے، اللہ بڑے فضل و کرم والا ہے۔(۱۰۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۰۲:

احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت سلیمان علیہ السلام نے یہ حکم دیا تھا کہ جادوگروں کی تحریروں کو ایک جگہ اکٹھا کرکے رکھ دیا جائے تاکہ کوئی اس سے غلط استفادہ نہ کرے اور لوگوں کو انحراف سے بچایا جاسکے اور یہ تحریریں عام لوگوں کے ہاتھ نہ لگ جائیں۔ لیکن ایک گروہ نے ان تحریروں کو چوری کرلیا اور جادو کی تعلیم دینے میں مصروف ہوگئے اور لوگوں کے درمیان جادہ کا فن پھیلا دیا۔ لوگوں میں اس حد تک جادو عام ہوگیا کہ لوگ حضرت سلیمان علیہ السلام کے معجزات کو بھی سحر وجادو قرار دینے لگے اور ان کی نبوت کے انکاری ہوگئے اور بنی اسرائیل سے کچھ لوگ تورایت کی پیروی کرنے کی بجائے سحر و جادو کے گرویدہ ہوگئے۔یہ کام اس قدر پھیلا اور اس کی اتنی زیادہ شہرت ہوگئی کہ پیغمبراسلامﷺ کے زمانے کے یہودی حضرت سلیمان علیہ السلام کو بھی ایک ماہر جادوگر سمجھتے تھے اور انہیں پیغمبر کے عنوان سے قبول نہیں کرتے تھے۔ اس آیت میں بیان ہوا ہے کہ یہودی تورایت کو چھوڑنے اور جادو کی تعلیم دینے والے شیاطین کی پیروی کرنے جیسے جرائم کے مرتکب ہوئے۔ کیونکہ یہودی تورایت کی پیروی کرنے کی بجائے حضرت سلیمان علیہ السلام کے زمانہ کے جن و انس سے جو شیاطین تھے ان کے سحرو جادو کی تعلیمات کو لوگوں کے لیے بیان کرتے تھے اور اپنے اس غلط کام کا جواز فراہم کرنے کے لیے حضرت سلیمان علیہ السلام کی طرف سحر و جادو کی نسبت دیتے تھے۔ جبکہ حضرت سلیمان علیہ السلام الٰہی پیغمبر تھے اور ان کا کام معجزہ تھا، سحرو جادو نہ تھا جبکہ شیاطین ان کے مخالف تھے اوران کا کام سحرو جادو تھا۔ مذکورہ طریقہ کے علاوہ یہودیوں نے ایک اور ذریعہ سے بھی سحر و جادو کا فن سیکھا اور وہ یہ تھا کہ اللہ تعالیٰ نے بابل شہر میں دو فرشتوں کو انسان کی شکل میں بھیجا جن کا نام ہاروت اور ماروت تھا۔ بابل موجودہ شہر کربلا اور نجف کی حدود کے درمیان ایک علاقہ کے نام ہے۔ یہ دونوں فرشتے لوگوں کو سحرو جادو کے توڑ کی تعلیم دیتے تھے۔ لیکن اس کے لیے ضروری تھا کہ وہ انہیں پہلے سحر وجادو کی تعلیم دیں، کیونکہ جب تک انسان کسی چیز کی ترکیب کے فارمولے سے آگاہ نہ وہ تو وہ اس چیز کو توڑنہیں سکتا۔ لہذا یہ دو فرشتے پہلے لوگوں کو سحرو جادو کا طریقہ سکھاتےتھے پھر اس کا توڑ بیان کرتے تھے۔ سحرو جادو سکھانے سے پہلے اپنے شاگردوں پر ایک شرط لگاتے تھے کہ اس سے وہ غلط استفادہ نہ کریں، وہ لوگوں سے کہتے تھے کہ یہ فتنہ اور تمہاری آزمائش ہے، اس کو غلط کام کے لیے استعمال نہ کرو۔ لیکن یہودیوں نے سحرو جادو سیکھ کر اسے غلط کام کے لیے استعمال کیا اور اس سےناجائز مقاصد حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا اس حد تک کہ اس سے بیوی اور شوہر کے درمیان جدائی ڈالنے کے لیے جادوگری سے فائدہ اٹھا لیا۔ قرآن مجید نے اس جگہ ایک نکتہ کو یاد دلایا ہے جو قابل غور ہے، قرآن مجید فرما رہا ہے: سحرو جادو کا فن سیکھنے سے سحرو جادو کا اثر اللہ تعالیٰ کی قدرت سے باہر نہیں، جادوگر اللہ تعالیٰ کے ارادہ کے بغیر کوئی کام کرنے کی قدرت نہیں رکھتے، لہذا کوئی بھی اللہ تعالیٰ کی مرضی کے بغیر کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اللہ تعالیٰ نے ہر سبب کا ایک اثر قرار دیا ہے جب وہ سبب مہیا ہوگا تو اس کا اثر بھی ہوگا مثال کے طور پر آگ کا کام جلانا ہے جب آگ ہوگی تو وہ چیزوں کو جلائے گی۔ لیکن اسی آگ کے اثر کو اللہ تعالیٰ روک سکتا ہے۔ جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام کو آگ میں ڈالا گیا لیکن آگ ان کے لیے گلزار بن گئی، حضرت ابراہیم علیہ السلام کے لیے اس موقع پر آگ نے اپنا اثر نہ دکھایا۔ سحراور جادوگری بھی اللہ تعالیٰ کے ارادہ سے اپنا اثر دکھائے گی۔ یہ اثر اللہ تعالیٰ نے رکھا ہے نہ کہ ساحر و جادوگر کا اختیار ہے ، ان اثرات میں سے ایک شوہر اور بیوی میں جدائی ڈالنا ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ اس کے اثرات کو توڑ بھی سکتا ہے اسی لیے سحرو جادو کے توڑ کی تعلیم دی گئی۔ اس کے اثر کے خاتمے کا سبب بھی اللہ تعالیٰ ہی دیتا ہے۔ حق پر مبنی حکومت اور الٰہی حکمران کی حکومت میں بھی سارے لوگوں کی اصلاح نہیں ہوئی اور ایسی حکومت میں بھی کچھ لوگ ایسے موجود تھے جو گمراہ تھے اور الٰہی قانون کی مخالفت کرتے تھے (وَ اتَّبَعُوۡا مَا تَتۡلُوا الشَّیٰطِیۡنُ عَلٰی مُلۡکِ سُلَیۡمٰنَ) ۔ شیاطین حضرت سلیمان علیہ السلام کی حکومت میں بھی بے کار نہیں بیٹھتے وہ لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے پے در پے وسوسے ڈالتے ہیں اور انسانوں کو گمراہ کرنے کا عمل جاری رکھتے ہیں (مَا تَتۡلُوا الشَّیٰطِیۡنُ عَلٰی مُلۡکِ سُلَیۡمٰنَ) ۔ حکومت، نبوت سے منافات نہیں رکھتی، کچھ انبیاء ایسے تھے جن کے پاس حکومت بھی تھی (مُلۡکِ سُلَیۡمٰنَ) ۔ سحرو جادو کی تعلیم اور اسے سیکھنا اور سکھانے کا پیشہ اختیار کرنا حرام اور کفر کے مساوی ہے(کَفَرُوۡا یُعَلِّمُوۡنَ النَّاسَ السِّحۡرَ)۔ نیک اور صالح لوگوں کے لیے ایسے علوم و فنون اور انحرافی نظریات کو جاننا ضروری ہے جن کے ذریعہ دوسروں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے تاکہ انہیں سیکھ کر ان کا جواب دیا جاسکے (مَاۤ اُنۡزِلَ عَلَی الۡمَلَکَیۡنِ)۔ تعلیم و تعلم، پڑھنے اور پڑھانے کے دوران جو کچھ سیکھا جارہا ہے اس کے مضر اثرت سے آگہی بھی دی جائے (وَ مَا یُعَلِّمٰنِ۔۔۔حَتّٰی یَقُوۡلَاۤ ۔۔۔ فَلَا تَکۡفُرۡ)۔ بعض اوقات علم و دانش امتحان کا وسیلہ بنتا ہے (اِنَّمَا نَحۡنُ فِتۡنَۃٌ)۔ شوہر اور بیوی کے درمیان جدائی ڈالنا شیاطین کا کام ہے اور یہ کفر میں آتا ہے (فَلَا تَکۡفُرۡ ؕ فَیَتَعَلَّمُوۡنَ مِنۡہُمَا مَا یُفَرِّقُوۡنَ بِہٖ بَیۡنَ الۡمَرۡءِ وَ زَوۡجِہٖ)۔ ہرتعلیم نفع دینے والی نہیں ہوتی،بعض تعلیم نقصان دہ بھی ہوتی ہے (یَتَعَلَّمُوۡنَ مَا یَضُرُّہُمۡ وَ لَا یَنۡفَعُہُمۡ)۔ سحرو جادو حقیقت ہے، صرف وہم و خیال نہیں، انسان کی زندگی میں اس کا اثر ہے (یُفَرِّقُوۡنَ بِہٖ)۔ سحرو جادو کرنےوالوں کا کام کچھ اعمال کرنا اور کرتب دکھانا ہے لیکن اس کے تمام کاموں کا اثر اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، لہذا اللہ تعالٰی کی پناہ میں آکر استعاذہ کے ذریعہ، دعا اور خدا پر توکل کرنے کے ذریعہ اس کے برے اثرات سے بچا جاسکتا ہے (وَ مَا ہُمۡ بِضَآرِّیۡنَ)۔

آیت ۱۰۳:

تقویٰ کا معنی صرف برائیوں سے پرہیز کرنا نہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اچھائیوں اور نیک کاموں پر توجہ دینا اور ان کو انجام دینا بھی ہے۔ جیسے یہ جملہ (وَ اتَّقَوۡا النَّارَ )’’آل عمران، ۱۳۱‘‘ اپنے آپ کو آگ سے بچانا اور اپنی حفاظت کرنا ہے اور یہ جملہ (وَ اتَّقَوۡا) اللہ تعالیٰ کے اوامر اور نواہی کا لحاظ رکھنے کے معنی میں ہے جیسے کہ اس آیت (وَ اتَّقَوۡا اللہَ۔۔۔وَ الاَرْحَامَ) ’’نساء،۱‘‘ میں اپنے خاندان اور رشتہ داروں کے حقوق کا خیال رکھنے کے معنی میں ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے تقویٰ کے بارے سوال کے جواب میں فرمایا: تقویٰ کی مثال اس شخص کی ہے جو کانٹوں والی زمین سے گزرتے وقت چوکنا رہتا ہے اور خود کو خطرات سے بچاتا ہے۔ سعادت کے لیے صرف ایمان کافی نہیں بلکہ ایمان کے ساتھ تقویٰ اور دستورات الٰہی کو انجام دینا بھی ضروری ہے (اٰمَنُوۡا وَ اتَّقَوۡا)۔ الٰہی ثوابات ہر چیز سے بہتر ہے ’’خیر‘‘ کے لفظ کے بعد کچھ نہیں آیا جو مطلق برتری کو بتا رہا ہے۔

آیت ۱۰۴:

کچھ مسلمان پیغمبراکرمﷺ سے درخواست کرتے کہ آپ آہستہ آہستہ بات کریں تاکہ وہ آپ کی باتوں کو سمجھ سکیں اور گفتگو کرتے وقت ان کے حال کا لحاظ کریں۔ وہ اپنی اس درخواست کو بیان کرنے کے لیے ’’راعنا‘‘ کا لفظ استعمال کرتے، یعنی ہماری رعایت کریں۔ یہ تعبیر یہودیوں کے ہاں ایک قسم کی گالی تھی۔ اس آیت میں مسلمانوں کو بتایا گیا کہ آپ لوگ (رَاعِنَا) کی بجائے (انۡظُرۡنَا) کہا کرو۔ تاکہ دشمن تمہاری بات سے غلط مطلب نہ لے۔ قرآن مجید کے شروع سے لے کر یہاں تک یہ پہلی آیت ہے جس کا آغاز ( یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا )سے ہوا ہے، اس کے بعد قرآن مجید میں ۸۰ مقامات پر یہ تعبیر استعمال ہوئی ہے۔ اپنی گفتگو میں استعمال ہونے والے الفاظ اور جملوں پر توجہ دیا کریں (لَا تَقُوۡلُوۡا رَاعِنَا۔۔۔) ممکن ہے گفتگو کرنے والا جو الفاظ اور جملے استعمال کر رہا ہے اس میں اس کی نیت اچھی ہو لیکن اسے ان الفاظ اور جملوں کے رد عمل پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ دشمن آپ کی تمام حرکات پر نظر رکھتا ہے، حتی ہمارے الفاظ اور جملوں پر بھی دشمن کی نظر ہوتی ہے تاکہ وہ ہمارے الفاظ اور جملوں کو جہاں بھی ممکن ہو ہمارے خلاف استعمال کرے اور اس طرح ہمیں نقصان پہنچائے(لَا تَقُوۡلُوۡا رَاعِنَا۔۔۔) ۔ اسلام گفتگو کےدوران مناسب الفاظ استعمال کرنے کا حکم دیتا ہے، نیز بیان سنجیدہ ہو اور مطلب کو پیش کرنے کی کیفیت پر بھی نظر ہونی چاہیے (وَ قُوۡلُوا انۡظُرۡنَا)۔ بڑوں اور معلم سے بات کرتے وقت گفتگو میں ادب کا لحاظ رکھیں (لَا تَقُوۡلُوۡا رَاعِنَا وَ قُوۡلُوا)۔ اگر کسی بات سے منع کیا جاتا ہے تو بہتر ہے کہ اس کی جگہ مناسب بات بیان کی جائے (لَا تَقُوۡلُوۡا رَاعِنَا وَ قُوۡلُوا انۡظُرۡنَا)۔

آیت ۱۰۵:

یہ آیت مومنین کے ساتھ مشرکین کی دشمنی اور کینہ سے پردہ اٹھا رہی ہے۔ مشرکین اور کفار کو یہ برداشت نہیں تھا کہ وہ مسلمانوں کو اس شان میں دیکھیں کہ ان کے درمیان پیغمبر اور الٰہی کتاب موجود ہے اور پورے عالم میں توحید کا پرچم لہرا نے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ہر قسم کی قومی، لسانی اور ہر طرح کی خرافات کا خاتمہ چاہتے ہیں، یہ امور مشرکین اور اہل کتاب کی تحریفات اور ان کے بڑوں کی عوام فریبی کے سامنے بڑی رکاوٹ تھے۔ اللہ تعالیٰ اس آیت میں فرماتا ہے کہ اس کی رحمت اور لطف و کرم، الٰہی ارادہ کے تابع ہے جسے چاہے اپنی رحمت سے نوازتا ہے، اس بارے کسی کی خواہش اور کون کیا چاہتا ہے اس کی اللہ تعالیٰ کو کوئی پرواہ نہیں۔ دشمن کی باطنی کیفیت کو سمجھنا ضروری ہے، ان کی طرف ذرا بھی رجحان اور رغبت نہ رکھیں(مَا یَوَدُّ)۔ اللہ تعالیٰ پرتوکل کرو، دشمن کے کینہ اور حسد سے مت گھبراؤ (وَ اللّٰہُ یَخۡتَصُّ )۔ حسد کرنے والے کی حسادت اللہ تعالیٰ کے ارادہ میں کچھ اثر نہیں رکھتی (مَنۡ یَّشَآءُ)۔ اللہ تعالیٰ کا فضل اور اس کی رحمت اور ہدایت تمام اقوام اور ملتوں کو شامل ہے، فقط بنی اسرائیل کے ساتھ مخصوص نہیں اور نہ ہی کسی خاص گروہ، جماعت یا نسل کے لیے ہے بلکہ سب انسانوں کے لیے ہے (مَنۡ یَّشَآءُ ؕ وَ اللّٰہُ ذُو الۡفَضۡلِ الۡعَظِیۡمِ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 106 تا 112
۞ مَا نَنسَخۡ مِنۡ ءَايَةٍ أَوۡ نُنسِهَا نَأۡتِ بِخَيۡرٖ مِّنۡهَآ أَوۡ مِثۡلِهَآۗ أَلَمۡ تَعۡلَمۡ أَنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٌ ١٠٦ أَلَمۡ تَعۡلَمۡ أَنَّ ٱللَّهَ لَهُۥ مُلۡكُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِۗ وَمَا لَكُم مِّن دُونِ ٱللَّهِ مِن وَلِيّٖ وَلَا نَصِيرٍ ١٠٧ أَمۡ تُرِيدُونَ أَن تَسۡـَٔلُواْ رَسُولَكُمۡ كَمَا سُئِلَ مُوسَىٰ مِن قَبۡلُۗ وَمَن يَتَبَدَّلِ ٱلۡكُفۡرَ بِٱلۡإِيمَٰنِ فَقَدۡ ضَلَّ سَوَآءَ ٱلسَّبِيلِ ١٠٨ وَدَّ كَثِيرٞ مِّنۡ أَهۡلِ ٱلۡكِتَٰبِ لَوۡ يَرُدُّونَكُم مِّنۢ بَعۡدِ إِيمَٰنِكُمۡ كُفَّارًا حَسَدٗا مِّنۡ عِندِ أَنفُسِهِم مِّنۢ بَعۡدِ مَا تَبَيَّنَ لَهُمُ ٱلۡحَقُّۖ فَٱعۡفُواْ وَٱصۡفَحُواْ حَتَّىٰ يَأۡتِيَ ٱللَّهُ بِأَمۡرِهِۦٓۗ إِنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ ١٠٩ وَأَقِيمُواْ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتُواْ ٱلزَّكَوٰةَۚ وَمَا تُقَدِّمُواْ لِأَنفُسِكُم مِّنۡ خَيۡرٖ تَجِدُوهُ عِندَ ٱللَّهِۗ إِنَّ ٱللَّهَ بِمَا تَعۡمَلُونَ بَصِيرٞ ١١٠ وَقَالُواْ لَن يَدۡخُلَ ٱلۡجَنَّةَ إِلَّا مَن كَانَ هُودًا أَوۡ نَصَٰرَىٰۗ تِلۡكَ أَمَانِيُّهُمۡۗ قُلۡ هَاتُواْ بُرۡهَٰنَكُمۡ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ ١١١ بَلَىٰۚ مَنۡ أَسۡلَمَ وَجۡهَهُۥ لِلَّهِ وَهُوَ مُحۡسِنٞ فَلَهُۥٓ أَجۡرُهُۥ عِندَ رَبِّهِۦ وَلَا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ١١٢
ترجمہ
جب ہم کسی آیت کو نسخ کرتے ہیں یا اس کے نزول میں تاخیر کردیتے ہیں تو اس سے بہتر یا اس جیسی آیت کو لے آتے ہیں، کیا تم نہیں جانتے کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے؟(۱۰۶) کیا تم نہیں جانتے کہ آسمانوں اور زمین کی حکمرانی بس اللہ کی ہے؟ اللہ کے سوا کوئی بھی تمہارا مددگار اور سرپرست نہیں ہے۔(۱۰۷) کیا تم اپنے پیغمبر سے اسی طرح بے جا سوالات کرنا چاہتے ہو جس طرح اس سے پہلے بنی اسرائیل کی طرف سے موسیٰ سے کئے جاتے تھے، جو بھی ایمان کی جگہ کفر کو قبول کرے تو یقینی طور پر وہ سیدھی راہ سے گمراہ ہوگیا۔(۱۰۸) بہت سارے اہل کتاب ایسے ہیں جو حق کے واضح ہونے کے بعد حسد کی وجہ سے چاہتے ہیں کہ تمہیں ایمان کے بعد کفر کی طرف کھینچ کر لے جائیں، لیکن تم انہیں معاف کردو اور ان سے درگزر کرو یہاں تک کہ اللہ اپنا فرمان بھیج دے، بلا شک اللہ ہر کام پر قادر ہے۔(۱۰۹) نماز قائم کرو اور زکات ادا کرو، جو کچھ تم اپنے لیے آگے بھیجتے ہو اسے تم (اگلے جہاں میں) موجود پاؤ گے، بلاشک اللہ تمہارے اعمال سے آگاہ ہے۔(۱۱۰) انہوں نے کہا: یہود و نصاریٰ کے علاوہ کوئی اور بہشت میں داخل نہ ہوگا، یہ ان کا خیال اور ان کی آرزوئیں ہیں، ان سے کہو:اگر تم سچ کہتے ہو تو اس بارے کوئی دلیل لے آؤ۔(۱۱۱) (جی ہاں! بہشت کسی خاص گروہ کے لیے مخصوص نہیں بلکہ) جو اخلاص کے ساتھ اللہ کی جانب توجہ کرے اور نیک اعمال بجا لائے تو اس کا ثواب اور اجر اللہ کے ہاں ہے کہ نہ تو ان کے لیے ڈر ہے اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔(۱۱۲)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۰۶:

کلمہ (نُنۡسِہَا) انساء کے مصدر سے ہے جومؤخر کرنے یا ختم کرنے کے معنی میں ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وحی کے نزول میں کچھ عرصہ تاخیر ہوجائے۔ یہ یہودیوں کے غلط پروپیگنڈے کا جواب ہے۔ وہ سوال کرتے تھے کہ کہ بیت المقدس سے کعبہ کی طرف قبلہ کیوں تبدیل ہوا؟ اگر پہلا دستور صحیح تھا تو دوسرا دستور کیوں آیا؟ اگر دوسرا دستور صحیح ہے تو پھر تمہارے پہلے دستور کے مطابق انجام دئے گئے اعمال باطل ہیں۔ قرآن مجید نے ان کے اس اعتراض کا جواب اس طرح دیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی حکم کو نسخ نہیں کرتا یا اس کے نزول میں تاخیر نہیں کرتا مگر یہ کہ اس سے بہتر یا اس جیسا حکم نازل کرتا ہے۔ وہ ان احکام کے اہداف سے ناواقف ہیں اسی طرح شرعی احکام کے سیاسی، سماجی اور تربیتی آثار سے بھی ناواقف ہیں۔ جس طرح ڈاکٹر بیمار کے لیے ایک دفعہ دوا تجویز کرتا ہے لیکن جیسے ہی بیمار کی حالت کچھ بہتر ہوجاتی ہے تو وہ دوا کا دورانیہ تبدیل کردیتا ہے یا دوا بدل دیتا ہے یا استاد اپنے لائق شاگرد کے درس کا شیڈول تبدیل کردیتا ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ بھی مختلف اوقات کی مناسبت سے انسان کے ارتقائی مراحل کے پروگراموں میں مناسب تبدیلی لاتا ہے۔ آیت کے مصادیق سے ایک معاشرہ میں امامت کا تسلسل اور ہر امام کی جگہ دوسرے امام کا آجانا ہے جیسا کہ اس آیت کے ذیل میں حدیث ہے: جب ایک امام دنیا سے جاتا ہے تو دوسرا امام اس کا جانشین ہوتا ہے۔ احکام کی تبدیلی پہلی کیفیت کی شکست پر دلیل نہیں بلکہ نئے مسائل پر توجہ اور حکیمانہ تبدیلی ہے جس طرح نصابی کتاب یا معلم کو شرائط اور حالات کی مناسبت سے تبدیل کیا جاتاہے (مَا نَنۡسَخۡ مِنۡ اٰیَۃٍ ۔۔۔نَاۡتِ بِخَیۡرٍ مِّنۡہَاۤ)۔ اگرچہ بظاہر دستورات بدلے جاتے ہیں اور متعدد انبیاء آتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کا لطف اور اس کی مہربانی یکساں و برابر ہے (مِثۡلِہَا)۔ احکام کا وضع کیا جانا اور ان میں تبدیلی لانا یا ان کو نازل کرنے میں تاخیر کرنا یہ سب اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے(نَنۡسَخۡ،نُنۡسِہَا)۔ اگر کوئی حکم ختم کیا جاتا ہے تو اس کی جگہ اس سے بہتر یا اس جیسا حکم لایا جاتا ہے، نیا حکم اس سے کمتر نہیں ہوتا (نَاۡتِ بِخَیۡرٍ مِّنۡہَاۤ)۔ اسلام کے لیے بندگلی نہیں، بعض قوانین تبدیل ہونے کے قابل ہوتے ہیں(نَنۡسَخۡ،نُنۡسِہَا)۔

آیت ۱۰۷:

جو لوگ بعض احکام کی تبدیلی اور نئے دستورات کے آنے پر اعتراض کرتے ہیں وہ اللہ تعالیٰ کی مطلق حاکمیت سے بے خبر ہیں، اللہ تعالیٰ کی حاکمیت دائمی، ذاتی اور عمومی ہے جبکہ غیر اللہ کی حکومت محدود، عبوری اور اللہ تعالیٰ کی عطا کی ہوئی ہے ۔ بنی اسرائیل اللہ تعالیٰ کی حاکمیت کے بارے اس قسم کا غلط تصور رکھتے تھے اور کہتے تھے کہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ بندھے ہوئے ہی(یَدُ اللّٰہِ مَغۡلُوۡلَۃٌ)’’مائدہ، ۶۴‘‘جبکہ اللہ تعالیٰ خلق کرنے اور قوانین بنانے میں اور قوانین میں تبدیلی لانے میں با اختیار ہے اور اس کے ہاتھ کھلے ہوئے ہیں(بَلۡ یَدٰہُ مَبۡسُوۡطَتٰنِ)’’مائدہ ۶۴‘‘۔ ہٹ دھرم اور ضدی لوگوں کو راضی کرنا تمہارے لیے اہمیت نہیں رکھتا کیونکہ اللہ تعالیٰ کے سواء تمہارا کوئی مددگار اور سرپرست نہیں ہے(مَا لَکُمۡ مِّنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ۔۔۔) ۔

آیت ۱۰۸:

آیت کے مضمون پرتوجہ اور اس کے شان نزول سے معلوم ہوتا ہے کہ کچھ لوگ رسول اللہﷺ سے بے جا تقاضے کرتے اور آپ سے غیر منطقی درخواستیں کرتے جیسے آپ سے درخواست کرتے کہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہمارے لیے خط لے کر آؤ یا کہتے کہ ہمارے لیے نہریں جاری کرو، ان میں سے کچھ بنی اسرائیل کی مانند کہتے: اللہ کو ظاہر بظاہر ہمیں دکھاؤ تاکہ ہم اس پر ایمان لائیں۔ لوگوں کی ہر درخواست کو قبول کرکے ان کی خواہشات کو پورا کرنا درست نہیں۔ ایک انجینئر یا آرکیٹیکٹ اپنی مہارت اور قابلیت کے چند نمونے تیار کر کے پیش کردیتا ہے، ضرورت نہیں ہے کہ وہ ہر ایک کے لیے الگ نقشہ بنادے اور نمونہ کا گھر بنادے، جس نے اس کی مہارت کو سمجھنا ہے تو اس کے چند نمونوں کو دیکھ کر ہی سمجھ سکتا ہے۔ مشکلات اور انبیاء کی تاریخ بیان کرنا پیغمبراسلامﷺ کو تسلی دینے اور ان کی ہمت بڑھانے کے لیے ہے کہ اگر لوگ آپ سے الٹے سیدھے سوالات کرتے ہیں اور بے جا درخواستیں کرتے ہیں تو آپ اس وجہ سے ہمت نہ ہاریں کیونکہ آپ سے پہلے جو پیغمبر گزرے ہیں ان سے بھی اسی طرح کے نامعقول سوالات کئے جاتے تھے۔ بے جا سوالات اور نامعقول تقاضوں سے دور رہا جائے کہ ایسے سوالات اور تقاضے کبھی کفر تک کھینچ کر لے جاتے ہیں(اَمۡ تُرِیۡدُوۡنَ اَنۡ تَسۡـَٔلُوۡا۔۔۔وَ مَنۡ یَّتَبَدَّلِ الۡکُفۡرَ)۔ جو خطرات سابقہ امتوں کو لاحق تھے وہ خطرات مسلمانوں کے لیے بھی لاحق ہیں (تَسۡـَٔلُوۡا رَسُوۡلَکُمۡ کَمَا سُئِلَ مُوۡسٰی)۔

آیت ۱۰۹:

(عفوا)غلطی معاف کردینا، (صفح) ناپسندیدہ عمل کو نظر انداز کرنا اور اس سے پہلو تہی کرنا، اس پر ایکشن نہ لینے کو کہتے ہیں۔ اگر دشمن کی یہ آرزو ہو کہ تم کفر اختیار کرلو تو وہ اس کام کے لیے کسی بھی منصوبہ بندی اور آپ کے خلاف سازش سے دریغ نہیں کرے گا، اس حوالے سے ان کے اقدامات اور روشوں میں سے ایک بے جا سوالات کرنا، نا معقول تقاضے کرنا اور ذہنوں میں شبہات ڈالنا ہے، پس ان سے ہوشیار رہیں۔ دشمن کامقابلہ کرنے میں بھی انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں (وَدَّ کَثِیۡرٌ )آیت یہ بتا رہی ہے کہ بہت سارے اہل کتاب ایسے ہیں لیکن وہ سب ایسے نہیں ہیں۔ حسد کی چنگاری اتنی خطرناک ہے کہ علم و آگہی کے بعد بھی یہ چنگاری نہیں بھجتی (حَسَدًا ۔۔۔مِنۡۢ بَعۡدِ مَا تَبَیَّنَ لَہُمُ الۡحَقُّ)۔ تم اسلام پر ایمان لانے سے عزت و عظمت کو پالو گے۔ دشمن تمہاری اس حالت کو دیکھ کر رشک اور حسد کریں گے اور وہ چاہیں گے کہ تمہیں جہالت، شرک اور زمانہ جاہلیت کے تفرقہ اور انتشار میں لے جائیں (وَدَّ کَثِیۡرٌ ۔۔۔لَوۡ یَرُدُّوۡنَکُمۡ)۔ مخالفین کے ساتھ سخت رویہ نہ اپنائیں، بعض دفعہ یہ جاننے کے باوجود کہ آپ کا مخالف کینہ رکھنےوالا اور حاسد ہے اس کے ساتھ رواداری سے پیش آئیں (فَاعۡفُوۡا)ان کی لغزشوں کو معاف کردو۔ دشمن کو معاف کردینے کا حکم عبوری ہے، اس وقت تک دشمن کو معاف کردو جب تک مسلمان بے حوصلہ نہ ہوں، یا دشمن زیادہ جسارت پر نہ اتر آئے، اگر وہ حد سے بڑھ جائے تو پھر عفو و معافی نہیں (فَاعۡفُوۡا وَ اصۡفَحُوۡا حَتّٰی)۔ معاف کرنا کمزوری کی نشانی نہیں، اللہ تعالیٰ تو ہر کام پر قادر ہے، آج بھی وہ تمہیں دشمن پر غلبہ دے سکتا ہے (اِنَّ اللّٰہَ ۔۔۔قَدِیۡرٌ)۔

آیت ۱۱۰:

عام طور پر قرآن مجید میں نماز کے حکم کے ساتھ زکات کا حکم آیا ہے، شاید یہ اس جانب اشارہ ہو کہ اللہ تعالیٰ کی یاد کے ساتھ مخلوق کا بھی خیال رکھا جائے ( وَ اَقِیۡمُوا الصَّلٰوۃَ وَ اٰتُوا الزَّکٰوۃَ)۔ نیک کام کی مقدار اہم نہیں بلکہ ہر شخص اپنی استطاعت اور توانائی کے مطابق نیک کام کرے (مِنۡ خَیۡرٍ)۔ الٰہی نظارت پر ایمان اور قیامت میں اللہ تعالیٰ کے ثوابات پر یقین عمل صالح انجام دینے کا مضبوط ترین وسیلہ ہے (مَا تُقَدِّمُوۡا۔۔۔تَجِدُوۡہُ عِنۡدَ اللّٰہِ ؕ اِنَّ اللّٰہَ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ بَصِیۡرٌ)۔

آیت ۱۱۱:

یہودیوں اور عیسائیوں کا اپنے دین پر مغرور ہونا اس بات کا سبب بنا کہ انہوں نے بہشت کو اپنے لیے مخصوص کر لیا اور کہا کہ ان کے سواء کوئی بہشت میں نہیں جائے گا (اِلَّا مَنۡ کَانَ ہُوۡدًا اَوۡ نَصٰرٰی)۔ امتیاز طلبی اورخود کو دوسروں سے برتر سمجھنا، کمزور خیال اور وہم و گمان کے سوا کچھ نہیں (تِلۡکَ اَمَانِیُّہُمۡ)۔ دلیل کی بنیاد پر عقیدہ کو اختیار کیا جائے ( قَالُوۡا۔۔۔ قُلۡ ہَاتُوۡا بُرۡہَانَکُمۡ) قرآن مجید اپنے مضامین کو دلیل کی بنیاد پر بیان کرتا ہے اور مخالفین سے بھی یہی کہتا ہے کہ تم جو بات کہتے ہو اس کی دلیل لے آؤ۔

آیت ۱۱۲:

یہ آیت بتا رہی ہے کہ بہشت ان کے لیے ہے جو اللہ تعالیٰ کے فرمان کے سامنے تسلیم ہوں اور نیک اعمال بجا لائیں، یعنی بہشت دعویٰ سے نہیں ملےگی بلکہ اس کے پانے کے لیے ایمان اور نیک اعمال ضروری ہیں۔ بہشت میں جانے کے لیے خیال و امید اور آرزو کے ساتھ ساتھ باطنی ایمان اور دستورات الٰہی کی پیروی اور نیک اعمال انجام دینا ضروری ہے (اَسۡلَمَ وَجۡہَہٗ لِلّٰہِ وَ ہُوَ مُحۡسِنٌ)۔ نیک عمل انسان کی سیرت ہو، ایسا نہ ہو کہ وہ صرف کسی خاص وقت میں نیک اعمال انجام دے (وَ ہُوَ مُحۡسِنٌ)۔ اجر و ثواب دینا ربوبیت کے شؤن سے ہے (اَجۡرُہٗ عِنۡدَ رَبِّہٖ)۔ جو بھی خالصانہ عمل کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی جانب جاتا ہے تو وہ پورا فائدہ اٹھاتا ہے (فَلَہٗۤ اَجۡرُہٗ عِنۡدَ رَبِّہٖ) اور اس کے لیے ہر قسم کی پریشانی سے نجات کی ضمانت بھی ہے (لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 113 تا 119
وَقَالَتِ ٱلۡيَهُودُ لَيۡسَتِ ٱلنَّصَٰرَىٰ عَلَىٰ شَيۡءٖ وَقَالَتِ ٱلنَّصَٰرَىٰ لَيۡسَتِ ٱلۡيَهُودُ عَلَىٰ شَيۡءٖ وَهُمۡ يَتۡلُونَ ٱلۡكِتَٰبَۗ كَذَٰلِكَ قَالَ ٱلَّذِينَ لَا يَعۡلَمُونَ مِثۡلَ قَوۡلِهِمۡۚ فَٱللَّهُ يَحۡكُمُ بَيۡنَهُمۡ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِ فِيمَا كَانُواْ فِيهِ يَخۡتَلِفُونَ ١١٣ وَمَنۡ أَظۡلَمُ مِمَّن مَّنَعَ مَسَٰجِدَ ٱللَّهِ أَن يُذۡكَرَ فِيهَا ٱسۡمُهُۥ وَسَعَىٰ فِي خَرَابِهَآۚ أُوْلَٰٓئِكَ مَا كَانَ لَهُمۡ أَن يَدۡخُلُوهَآ إِلَّا خَآئِفِينَۚ لَهُمۡ فِي ٱلدُّنۡيَا خِزۡيٞ وَلَهُمۡ فِي ٱلۡأٓخِرَةِ عَذَابٌ عَظِيمٞ ١١٤ وَلِلَّهِ ٱلۡمَشۡرِقُ وَٱلۡمَغۡرِبُۚ فَأَيۡنَمَا تُوَلُّواْ فَثَمَّ وَجۡهُ ٱللَّهِۚ إِنَّ ٱللَّهَ وَٰسِعٌ عَلِيمٞ ١١٥ وَقَالُواْ ٱتَّخَذَ ٱللَّهُ وَلَدٗاۗ سُبۡحَٰنَهُۥۖ بَل لَّهُۥ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِۖ كُلّٞ لَّهُۥ قَٰنِتُونَ ١١٦ بَدِيعُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِۖ وَإِذَا قَضَىٰٓ أَمۡرٗا فَإِنَّمَا يَقُولُ لَهُۥ كُن فَيَكُونُ ١١٧ وَقَالَ ٱلَّذِينَ لَا يَعۡلَمُونَ لَوۡلَا يُكَلِّمُنَا ٱللَّهُ أَوۡ تَأۡتِينَآ ءَايَةٞۗ كَذَٰلِكَ قَالَ ٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِهِم مِّثۡلَ قَوۡلِهِمۡۘ تَشَٰبَهَتۡ قُلُوبُهُمۡۗ قَدۡ بَيَّنَّا ٱلۡأٓيَٰتِ لِقَوۡمٖ يُوقِنُونَ ١١٨ إِنَّآ أَرۡسَلۡنَٰكَ بِٱلۡحَقِّ بَشِيرٗا وَنَذِيرٗاۖ وَلَا تُسۡـَٔلُ عَنۡ أَصۡحَٰبِ ٱلۡجَحِيمِ ١١٩
ترجمہ
یہودیوں نے کہا: عیسائی حق پر نہیں ہیں اور عیسائیوں نے کہا: یہودی حق پر نہیں ہیں جبکہ دونوں اللہ کی کتاب پڑھتے ہیں، دوسرے جاہل افراد نے بھی ان کی مانند گفتگو کی لہذا اللہ تعالیٰ قیامت کے دن جو کچھ انہوں نے آپس میں اختلاف کرتے ہوئے کہا اس بارے ان کے درمیان فیصلہ دے گا۔(۱۱۳) اس سے بڑا ظالم کون ہے جس نے مساجد میں اللہ کا نام لینے سے روکا اور مساجد کو ویران کرنے کے لیے کوشش کی انہیں ڈر و خوف کے بغیر مساجد میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی، ان کے لیے دنیا میں رسوائی ہے اور آخرت میں ایسے لوگوں کے لیے دردناک عذاب ہے۔(۱۱۴) مشرق اور مغرب کا مالک اللہ ہے لہذا تم جس سمت رخ کرو اسی جانب اللہ ہی ہے ، بلا شک ہر چیز پر اللہ کا احاطہ ہے اور وہ سب سے آگاہ ہے۔(۱۱۵) انہوں نے کہا: اللہ نے اپنے لیے بیٹا بنایا ہے، حالانکہ اللہ اس سے منزہ ہے بلکہ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے وہ اللہ کا ہے، سب اسی سے فرمان لیتے ہیں۔(۱۱۶) آسمانوں اور زمین کو خلق کرنے والا اللہ ہے، جس وقت وہ کسی چیز کو خلق کرنے کا فرمان صادر کرتا ہے تو فقط کہتا ہے کہ ہو جا تو وہ چیز وجود میں آجاتی ہے۔(۱۱۷) ناواقف افراد کہتے ہیں: اللہ خود ہم سے بات کیوں نہیں کرتا یا اس کی جانب سے خط یا کوئی نشانی ہمارے پاس کیوں نہیں آتی؟ ان سے پہلے جو لوگ گزرے ہیں وہ بھی اسی قسم کی باتیں کرتے تھے، ان کے دل (افکار اور خیالات) ایک دوسرے کے ساتھ ملتے جلتے ہیں لیکن ہم نے کافی مقدار میں اہل یقین (حقیقت کے متلاشی افراد)کے لیے نشانیاں واضح کردی ہیں۔(۱۱۸)( اے رسول!) ہم نے تجھے حق دے کر بشارت دینے والا اور ڈرانے والا بنا کر بھیجا ہے، آپ جہنم میں جانے والوں کے ذمہ دار نہیں ہیں۔(۱۱۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۱۳:

اس آیت میں ایک بار پھر اہل کتاب کے تعصب کو بیان کیا گیا ہے کہ ان میں سے ہر گروہ دوسرے کو جھٹلاتے ہیں۔یہودی، عیسائیوں کو باطل قرار دیتے ہیں اور عیسائی یہودیوں کو باطل قرار دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اللہ تعالٰی کے ہاں ان کا کوئی مقام اور وقعت نہیں ہے۔ ان میں سے ہر کوئی یہ خیال کرتا ہے کہ اللہ تعالٰی کے ہاں صرف اس کا مقام و مرتبہ ہے، دوسرے کا کوئی مقام و مرتبہ نہیں ہے۔ اس قسم کا رویہ ان کے تعصب کی علامت ہے جبکہ اگر وہ خود اپنی کتاب پر توجہ دیتے تو اس قسم کا رویہ اختیار نہ کرتے۔ اس کے بعد فرمایا: مشرکین اور بت پرست بھی ان ہی جیسی گفتگو کرتے ہیں جن کے پاس آسمانی کتاب نہیں، یعنی جو باطل نظریات رکھتے ہیں وہ بھی آپس میں ایک دوسرے کے بارے میں اس قسم کے خیالات رکھتے ہیں۔ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے ہاں ان سب کے اختلافات حل ہوجائیں گے اور ساری اختلافی باتوں کا خاتمہ ہوجائے گا اور سب حق کا مشاہدہ کریں گے۔ بے جا تعصب اور بغیر ثبوت کے اجارہ داری کرنا صحیح نہیں ہے، دوسروں کی تحقیر کرنا، انہیں پست جاننا، اپنے آپ کو دوسروں سے بہتر جاننا، خود پسندی اور اپنے آپ کو مرکز اور محور سمجھنا ہے (لَیۡسَتِ النَّصٰرٰی عَلٰی شَیۡءٍ ۔۔۔ لَیۡسَتِ الۡیَہُوۡدُ عَلٰی شَیۡءٍ)۔ تعصب اور خود خواہی ہو تو پھر علم بھی ہدایت نہیں دے سکتا، اہل کتاب اپنی کتاب کی تلاوت کرتے تھے، اس کے مضامین کو سمجھتے بھی تھے لیکن ان کے انحصار طلبانہ مزاج کی وجہ سے ان کتابوں کی تلاوت کا انہیں کوئی فائدہ نہ ہوا (وَ ہُمۡ یَتۡلُوۡنَ الۡکِتٰبَ)۔ جس ماحول میں تعصبات ہوں تو اس ماحول میں عالم و جاہل برابری کی سطح پر لائے جاتے ہیں اور دونوں ہم فکر ہوجاتے ہیں، جاہل مشرکین کے پاس کتاب نہ تھی وہ بھی وہی بات کرتے تھے جو وہ لوگ کررہے تھے جن کے پاس کتاب موجود تھی اور وہ کتاب کی تلاوت بھی کرتے تھے(کَذٰلِکَ قَالَ الَّذِیۡنَ لَا یَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۱۱۴:

یہ آیت ان کے متعلق ہے جو مساجد کو ویران کر رہےتھے۔ پوری تاریخ میں مساجد کو ویران کرنے یا مساجد کی رونق ختم کرنے کے لیے ان کو بند کردینے کا سلسلہ جاری رہا۔ قریش نے مسلمانوں کو مسجد الحرام میں آنے سے روک دیا، بیت المقدس کو ویران کردیا یہ ان ہی کوششوں کی ایک مثال ہے۔ ثقافتی ظلم سب سے بڑا ظلم ہے (وَ مَنۡ اَظۡلَمُ) قرآن مجید میں (اَظۡلَمُ) کا لفظ اس پر بولا گیا ہے جو اللہ تعالٰی پر بہتان باندھتا ہے، اللہ تعالیٰ کے گھر کا دروازہ بند کرتا ہے اوراللہ تعالیٰ کے گھر کو ویران کرتا ہے، یہ سب اسی کا مصداق ہیں۔ مساجد کو ویران کرنا فقط ہتھوڑے اور بیلچہ سے نہیں بلکہ ہر ایسا اقدام جو مسجد کی رونق کو کم کردیتا ہے یہ بھی مسجد کو ویران کرنا شمار ہوتا ہے (مَنَعَ مَسٰجِدَ اللّٰہِ)۔ وہ مساجد قبولیت کے مرتبہ میں آتی ہیں کہ جن میں اللہ تعالیٰ کا ذکر ہو، اس میں خدا پسند احکام بیان کئے جائیں، عبادات انجام دی جائیں (یُذۡکَرَ فِیۡہَا اسۡمُہٗ)۔ دشمن مسجد کی دیواروں اور اس میں بچھی قالینوں اور ظاہری آرائش، خوبصورت محراب اور عالیشان گنبد اور میناروں سے نہیں ڈرتا، دشمن کا خوف اس بات سے ہے کہ جب ان مساجد میں دین کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا جائے، ان میں ہونے والے پروگراموں سے نوجوانوں میں بیداری پیدا ہوتی ہو، ایسی مساجد جو دین کے احیاء کا مرکز ہوتی ہیں ان سے دشمن خوف کھاتا ہے (اَنۡ یُّذۡکَرَ فِیۡہَا اسۡمُہٗ)۔ دشمن ایسی مساجد کو ویران کرنے کی کوشش کرتا ہے جو جد وجہد، سعی و کوشش اور بیداری کا مورچہ ہوتی ہیں (سَعٰی فِیۡ خَرَابِہَا)۔ مسجد مورچہ کی مانند ہو، جس طرح جاسوس عسکری مراکز میں رخنہ ڈالنے کے لیے بے چین رہتا ہے اور ان مراکز سے خوف بھی کھاتا ہے، اسی طرح اسلام دشمن طاقتوں کو مساجد کی آبادی سے خوف لاحق ہوتا ہے (مَا کَانَ لَہُمۡ اَنۡ یَّدۡخُلُوۡہَاۤ اِلَّا خَآئِفِیۡنَ)۔

آیت ۱۱۵:

قبلہ کی تبدیلی کے بعد یہودیوں نے لوگوں کے درمیان ایک سوال پھیلانا شروع کردیا اور ان کے ذہنوں میں شبہ ڈال دیا کہ کس وجہ سے قبلہ تبدیل کیا گیا؟ ان کے جواب میں اس آیت میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مشرق اور مغرب اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہیں جس طرف رخ کرو وہاں پر اللہ تعالیٰ ہے، اگر کعبہ کو قبلہ قرار دیا گیا ہے تو یہ مسلمانوں کی وحدت کو اجاگر کرنے کے لیے ہے۔ جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام نے شرک کے خلاف جنگ کی اور اس راہ میں قربانی پیش کی یہ کعبہ ان کی یاد کو زندہ کرنا اور ان کے اہداف کے ساتھ عہد کرنا ہے اسی وجہ سے کعبہ کی قداست اور اس کا احترام ہے۔ قبلہ کی سمت اور جہت کی اہمیت نہیں بلکہ اصل مقصود اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنا اور اسی ذات کے ساتھ تعلق کااظہار کرنا ہے۔ قبلہ کے بارے میں جو شور شرابہ بپا کیا گیا اس کے جواب میں قرآن مجید نے اس طرح بیان کیا ہے (لَیۡسَ الۡبِرَّ اَنۡ تُوَلُّوۡا وُجُوۡہَکُمۡ قِبَلَ الۡمَشۡرِقِ وَ الۡمَغۡرِبِ وَ لٰکِنَّ الۡبِرَّ مَنۡ اٰمَنَ بِاللّٰہِ) ’’بقرہ، ۱۷۷‘‘ اے لوگو! نیکی یہ نہیں کہ تم ’’عبادت میں‘‘مشرق یا مغرب کی سمت رخ کرو، بلکہ نیکی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ پر تمہارا سچا ایمان ہو اور ایسے اعمال بجا لاؤ جو اللہ تعالیٰ کو پسند ہیں۔ ہر وہ کام جو اللہ تعالیٰ کے فرمان کے تحت ہو اور اس میں الٰہی رنگ ہو تو وہ وجہ اللہ اور عبادت ہے (فَاَیۡنَمَا تُوَلُّوۡا فَثَمَّ وَجۡہُ اللّٰہِ)۔ اللہ تعالٰی ہر جگہ حاضر و ناظر ہے (اِنَّ اللّٰہَ وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۱۱۶:

اہل کتاب اور مشرکین میں سے ہر ایک اللہ تعالیٰ کے لیے ایک قسم کے بیٹے کا غلط عقیدہ رکھتے تھے، یہودی کہتے تھے عزیر اللہ تعالیٰ کا بیٹا ہے(وَ قَالَتِ الۡیَہُوۡدُ عُزَیۡرُۨ ابۡنُ اللّٰہِ) عیسائی کہتے تھے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے بیٹے ہیں (وَ قَالَتِ النَّصٰرَی الۡمَسِیۡحُ ابۡنُ اللّٰہِ) ’’توبہ، ۳۰‘‘، مشرکین فرشتوں کو اللہ تعالیٰ کا بیٹا قرار دیتے تھے (یَجۡعَلُوۡنَ لِلّٰہِ الۡبَنٰتِ)’’نحل، ۵۷‘‘۔ یہ آیت اس غلط عقیدہ کا جواب ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف ایسی نسبت دینا درست نہیں، اللہ تعالیٰ ایسی نسبتوں سے پاک و منزہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا موازنہ اپنے ساتھ نہ کریں، انسان کو درج ذیل وجوہات کی وجہ سے بیٹے کی ضرورت ہے: ۱۔ انسان کی عمر محدود ہے، وہ چاہتا ہے کہ باقی رہے اس کے لیے نسل اور اولاد کی ضرورت ہے۔ ۲۔ اس کی قدرت ، صلاحیت اور طاقت محدود ہے، اسے مددگار کی ضرورت ہے جو اس کا حامی و ناصر ہو تاکہ اس کی مشکلات کو حل کرنے میں مدد دے۔ ۳۔ اسے محبت، شفقت اور پیار کی ضرورت ہے، اسے مونس و غم خوار کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ ان تمام ضروریات سے پاک و منزہ ہے، جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے وہ سب اس کے سامنے عجز و انکساری کے ساتھ جھکا ہوا ہے، وہ بے نیاز ہے اور کائنات کی ہر شئے اس کی محتاج ہے۔ خشوع و خضوع ’’عاجزی و انکساری، دل سے بھی اور عمل سے بھی ‘‘ صرف اسی کے لیے ہوسکتا ہے جو ساری کائنات کا مالک ہے، بت اور ظالم حکمران جو ایک مکھی کو بھی خلق نہیں کرسکتے، جن میں کسی بھی قسم کے نفع یا نقصان دینے کی طاقت اور قدرت نہیں ان کے سامنے خشوع و خضوع کرنا بے معنی ہے اور ایسا عمل انسان کی شان کے منافی ہے (کُلٌّ لَّہٗ قٰنِتُوۡنَ)۔

آیت ۱۱۷:

اللہ تعالیٰ نہ صرف ساری کائنات اور اس میں موجود تمام اشیا کا مالک ہے بلکہ ان سب کا خالق بھی ہے، وہ اسباب کا بھی خالق ہے اور مسببات کا بھی خالق ہے، اس کی ایجاد اور خلقت بالکل نئے سرے سے اور بغیر پیشگی منصوبہ بندی کے ہے، جب ایسا ہے تو اسے بیٹے کی کیا ضرورت؟ جب وہ کسی چیز کے موجود ہونے کا ارادہ کرے تو وہ چیز وجود میں آجاتی ہے، وہ کہتا ہے ’’کُنْ‘‘ ہوجا تو’’فیکون‘‘وہ چیز ہوجاتی ہے۔ اس بارے امام رضاعلیہ السلام نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کو ’’کُنْ‘‘ کہنے کی بھی ضرورت نہیں ہے، جیسے ہی اللہ تعالیٰ کسی چیز کا ارادہ کرتاہے تو وہ چیز بلا فاصلہ خلق ہوجاتی ہے۔ جس طرح اللہ تعالیٰ ایک ہی لمحہ میں خلق کرتا ہے اسی طرح قہاریت کے مقام میں وہ سب کو ایک ہی ارادہ سے ختم کردیتا ہےجیسا کہ سورہ ابراہیم آیت ۱۹ میں ہے (اِنۡ یَّشَاۡ یُذۡہِبۡکُمۡ وَ یَاۡتِ بِخَلۡقٍ جَدِیۡدٍ)۔ اللہ تعالیٰ ایک ہی لحظہ میں تمام کائنات کو خلق کر سکتا ہے (کُنۡ فَیَکُوۡنُ) اگرچہ اس کی حکمت کا تقاضا ہے کہ اسباب کے وسیلہ سے بتدریج مخلوقات کو خلق کیا جائے۔

آیت ۱۱۸:

کفار کی ایک جاہل اور ناواقف جماعت نے رسول خداﷺ کی دعوت کے مقابلے میں بے جا سوالات اٹھائے ، وہ کہتے تھے کہ اللہ تعالیٰ ہم سے براہ راست گفتگو کیوں نہیں کرتا یا ہمارے اوپر آیات کیوں نہیں اتارتا؟ قرآن مجید نے ان کے اس طرح کے سوالات کو ایک عمومی حیثیت سے لیا ہے اور فرمایا ہے کہ کافروں کی جانب سے اس قسم کے سوالات پہلی مرتبہ نہیں کئے جارہے بلکہ سابقہ انبیاء کے زمانہ میں بھی ایسے جاہل لوگ موجود تھے جو انبیاء سے اس قسم کے تقاضے کرتے تھے۔ اس حوالے سے ماضی کے لوگ اور موجودہ دور کے لوگ ایک دوسرے سے شباہت رکھتے ہیں اور وہ ایک دوسرے کے ہم خیال ہیں۔ پھر فرمایا: دونوں قسم کے لوگوں کا طرز تفکر اور ان کی سوچ کا انداز ایک جیسا ہے۔ لہذا اس قسم کے سوالات اور درخواستوں کو پورا کرنے کی ضرورت نہیں، ان سوالات کی کوئی حیثیت نہیں، کیونکہ حقیقت بیان کرنے والی آیات ضرورت کے مطابق حقیقت کے طلبگاروں کے لیے بیان کردی گئی ہیں جو ان کے لیے کافی ہیں، ان کی طرف رجوع کرکے حقیقت تک پہنچا جا سکتاہے۔ تلاش و کوشش اور قابلیت اصل ہے تقاضا کرنا اور درخواست دینا نہیں۔ بعض لوگوں کی عادت ہے کہ وہ محنت اور کام کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی بجائے بے جا خواہشات کا اظہار کرتے رہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ براہ راست ہم سے کلام کرے، ہمارے اوپر آیت اتارے، پہاڑ سونا بن جائے اور ہمارے اوپر مال کی بارش ہو وغیرہ (لَوۡ لَا یُکَلِّمُنَا اللّٰہُ)ایسے افراد اس لائق نہیں کہ ان کا جواب دیا جائے۔ اللہ تعالیٰ کا قانون یہ ہے کہ لوگوں پر حجت تمام ہوجائے اور ان کے لیے دلیل بیان کی جائے، ان کی بے جا درخواستوں اور تقاضوں اور ان کی خواہشات اور رجحانات کو پورا کرنا نہیں (قَدۡ بَیَّنَّا الۡاٰیٰتِ)۔

آیت ۱۱۹:

اے رسولﷺ! ان کافروں کی بے جا خواہشات اور ان کے غیر منطقی سوالات پر توجہ نہ دو، وہ اس طرح کی خواہش رکھتے ہیں کہ ان پر ایسے اوراق بھیجے جائیں جن پر آیات لکھی ہوں (بَلۡ یُرِیۡدُ کُلُّ امۡرِیًٴ مِّنۡہُمۡ اَنۡ یُّؤۡتٰی صُحُفًا مُّنَشَّرَۃً)’’مدثر، ۵۲‘‘ ہم نے تجھ دلیل و منطق کے ساتھ بھیجا ہے تاکہ بشارت اور انذار کے ذریعہ ان کی ہدایت کریں۔ اگر ایک جماعت بہانہ تراشی کرکے تیری دعوت کو نہیں مانتے اور حق کو قبول نہیں کرتے تو آپ لوگوں کی جانب سے دعوت کو قبول کرنے کے متعلق جوابدہ نہیں ہیں۔ بشارت اور انذار ترازو کے دو پلڑوں کی مانند ہیں، ان میں توازن کا ہونا ضروری ہے ورنہ غرور یا مایوسی کا سبب ہوگا (بَشِیۡرًا وَّ نَذِیۡرًا)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 120 تا 126
وَلَن تَرۡضَىٰ عَنكَ ٱلۡيَهُودُ وَلَا ٱلنَّصَٰرَىٰ حَتَّىٰ تَتَّبِعَ مِلَّتَهُمۡۗ قُلۡ إِنَّ هُدَى ٱللَّهِ هُوَ ٱلۡهُدَىٰۗ وَلَئِنِ ٱتَّبَعۡتَ أَهۡوَآءَهُم بَعۡدَ ٱلَّذِي جَآءَكَ مِنَ ٱلۡعِلۡمِ مَا لَكَ مِنَ ٱللَّهِ مِن وَلِيّٖ وَلَا نَصِيرٍ ١٢٠ ٱلَّذِينَ ءَاتَيۡنَٰهُمُ ٱلۡكِتَٰبَ يَتۡلُونَهُۥ حَقَّ تِلَاوَتِهِۦٓ أُوْلَٰٓئِكَ يُؤۡمِنُونَ بِهِۦۗ وَمَن يَكۡفُرۡ بِهِۦ فَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡخَٰسِرُونَ ١٢١ يَٰبَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ ٱذۡكُرُواْ نِعۡمَتِيَ ٱلَّتِيٓ أَنۡعَمۡتُ عَلَيۡكُمۡ وَأَنِّي فَضَّلۡتُكُمۡ عَلَى ٱلۡعَٰلَمِينَ ١٢٢ وَٱتَّقُواْ يَوۡمٗا لَّا تَجۡزِي نَفۡسٌ عَن نَّفۡسٖ شَيۡـٔٗا وَلَا يُقۡبَلُ مِنۡهَا عَدۡلٞ وَلَا تَنفَعُهَا شَفَٰعَةٞ وَلَا هُمۡ يُنصَرُونَ ١٢٣ ۞ وَإِذِ ٱبۡتَلَىٰٓ إِبۡرَٰهِـۧمَ رَبُّهُۥ بِكَلِمَٰتٖ فَأَتَمَّهُنَّۖ قَالَ إِنِّي جَاعِلُكَ لِلنَّاسِ إِمَامٗاۖ قَالَ وَمِن ذُرِّيَّتِيۖ قَالَ لَا يَنَالُ عَهۡدِي ٱلظَّٰلِمِينَ ١٢٤ وَإِذۡ جَعَلۡنَا ٱلۡبَيۡتَ مَثَابَةٗ لِّلنَّاسِ وَأَمۡنٗا وَٱتَّخِذُواْ مِن مَّقَامِ إِبۡرَٰهِـۧمَ مُصَلّٗىۖ وَعَهِدۡنَآ إِلَىٰٓ إِبۡرَٰهِـۧمَ وَإِسۡمَٰعِيلَ أَن طَهِّرَا بَيۡتِيَ لِلطَّآئِفِينَ وَٱلۡعَٰكِفِينَ وَٱلرُّكَّعِ ٱلسُّجُودِ ١٢٥ وَإِذۡ قَالَ إِبۡرَٰهِـۧمُ رَبِّ ٱجۡعَلۡ هَٰذَا بَلَدًا ءَامِنٗا وَٱرۡزُقۡ أَهۡلَهُۥ مِنَ ٱلثَّمَرَٰتِ مَنۡ ءَامَنَ مِنۡهُم بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِۚ قَالَ وَمَن كَفَرَ فَأُمَتِّعُهُۥ قَلِيلٗا ثُمَّ أَضۡطَرُّهُۥٓ إِلَىٰ عَذَابِ ٱلنَّارِۖ وَبِئۡسَ ٱلۡمَصِيرُ ١٢٦
ترجمہ
(اے رسول!) یہود و نصاریٰ کبھی بھی آپ سے راضی نہ ہوں گے مگر یہ کہ آپ ان کی خواہشات کے سامنے تسلیم ہوجائیں، کہہ دو: ہدایت فقط الٰہی ہدایت ہے، اگر تم ان کی خواہشات کی پیروی کرو گے جبکہ اللہ کا علم تمہارے پاس آچکا ہے تو اللہ کی جانب سے تمہارے لیے نہ کوئی یاور ہوگا اور نہ مددگار۔(۱۲۰) وہ لوگ جن کو ہم نے آسمانی کتاب دی ہے اور وہ اس کی تلاوت کا حق ادا کرتے ہیں وہ اس پر ایمان لے آئے ہیں، جو ان کتابوں کے کافر ہوئے تو وہی گمراہ ہیں۔(۱۲۱) اے بنی اسرائیل! ان نعمتوں کو یاد کرو جو ہم نے تمہیں عطا کی ہیں او تمہیں عالمین پر برتری دی ہے ۔(۱۲۲) اس دن سے ڈرو کہ جس دن کسی کو کوئی چیز اللہ کے عذاب سے نہ بچا سکے گی اور کسی قسم کا معاوضہ قبول نہ کیا جائے گا اور نہ کسی قسم کی شفاعت فائدہ دے سکے گی اور(کسی کی جانب سے) ان کی مدد نہیں کی جائے گی۔ (۱۲۳) جب تیرے رب نے ابراہیم کو مختلف حوالوں سے آزمایا اور وہ ان آزمائشوں سے اچھی طرح عہدہ برآ ہوئے تو اللہ نے ان سے کہا: میں نے تجھے لوگوں کے لیے امام بنادیا ہے، یہ سن کر ابراہیم نے عرض کیا: میری ذریت سے بھی امام بنا، اللہ نے فرمایا: میرا عہد ان کو نہیں ملتا جو ظالم و ستمگار ہوں۔(۱۲۴) اس وقت کو یاد کرو جب اس گھر کو جو لوگوں کی واپسی اور اجتماع کی جگہ ہے ،ہم نے لوگوں کے لیے امن کا مرکز قرار دیا اور( ہم نے کہا:) مقام ابراہیم والی جگہ کو نماز کے لیے منتخب کرلو، ابراہیم اور اسماعیل کی ذمہ داری لگا دی کہ میرے گھر کو طواف کرنے والوں، اعتکاف بیٹھنے والوں، رکوع اور سجود کرنے والوں کے لیے پاکیزہ کرو۔(۱۲۵) جس وقت ابراہیم نے کہا: اے میرے رب! اس سرزمین کو امن کی جگہ بنادے اور اس میں رہنے والوں میں سے جو اللہ اور روز قیامت پر ایمان لے آئیں انہیں قسما قسم کے پھلوں سے روزی دے، اللہ نے فرمایا: ان میں سے جو کافر ہوں گے میں انہیں تھوڑی مدت کے لیے مہلت دوں گاپھر انہیں غضب کے ساتھ عذاب میں دھکیل دوں گا، ان کا انجام بہت برا ہے۔(۱۲۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۲۰:

اس آیت کے مخاطب اگرچہ رسول اللہﷺہیں لیکن حقیقت میں اس کے مخاطب تمام مسلمان ہیں جنہوں نے پوری تاریخ میں موجود رہنا ہے کہ یہود و نصاریٰ مسلمانوں سے ہرگز راضی نہ ہوں گے مگر یہ کہ مسلمان بے چوں و چرا ان کے سامنے تسلیم ہوجائیں اور الٰہی اقدار اور اصولوں سے ہاتھ اٹھا لیں۔ دشمن مکتب اسلام کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے اس سے کم پر راضی نہیں ہوگا (لَنۡ تَرۡضٰی عَنۡکَ ۔۔۔)۔ کافروں کے پسند کی دینداری کفر ہی ہے (لَنۡ تَرۡضٰی۔۔۔حَتّٰی تَتَّبِعَ مِلَّتَہُمۡ)۔ وحی الٰہی اور الٰہی ہدایت کے علاوہ سارے راستے انحرافی ہیں (قُلۡ اِنَّ ہُدَی اللّٰہِ ہُوَ الۡہُدٰی)۔ عالم کی ذمہ داری جاہل سے زیادہ ہے (بَعۡدَ الَّذِیۡ جَآءَکَ مِنَ الۡعِلۡمِ)۔ اہل کتاب سے رابطہ اس بنیاد پر نہ ہو کہ اپنے اصولوں کو نظر انداز کردیں، بلکہ انہیں اپنی طرف مائل کرنے کے لیے ان سے رابطہ رکھا جائے، اس معاملے میں اگر وہ اپنے اصولوں سے پیچھے ہٹنے کا تقاضا کریں تو ان کے اس تقاضے کو ہرگز قبول نہ کیا جائے (لَئِنِ اتَّبَعۡتَ اَہۡوَآءَہُمۡ)۔ لوگوں کے رجحانات اور ان کی خواہشات کی پیروی الٰہی الطاف کے چھن جانے کا سبب بنے گی لہذا انسان کو ان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، یا تو اللہ تعالیٰ کی مہربانیوں اور اس کے الطاف کو لے لو یا پھر لوگوں کی خواہشات اور ان کی توقعات کو پورا کردو (مَا لَکَ مِنَ اللّٰہِ مِنۡ وَّلِیٍّ وَّ لَا نَصِیۡرٍ)۔

آیت ۱۲۱:

یہودیوں اور عیسائیوں کے مقابلے میں ایک گروہ ایسا بھی تھا جس کی اللہ تعالیٰ نے تعریف و تمجید کی ہے کہ انہوں نے آسمانی کتاب کو پڑھا، پیغمبراسلامﷺ کی بعثت اور آپ کی آمد کی خبر کو پڑھا اور اس کے لیے بیان کی گئی نشانیوں سے آگاہ ہوئے اور ان نشانیوں کو پیغمبراسلامﷺ میں موجود پایا تو وہ سب آپ پر ایمان لے آئے۔ قرآن مجید کی تلاوت کے آداب بارے ایک حدیث تفسیر المیزان میں بیان ہوئی ہے جس میں سات نکات پر توجہ دی گئی ہے: ۱۔آیات کی ترتیل، آیات کو ٹھہر ٹھہر کر آرام سے پڑھنا۔ ۲۔ آیات پر توجہ دینا اور ان میں غور و فکر کرنا، ان کے مضامین کو سمجھنا۔ ۳۔ آیات کے مضمون پر عمل کرنا۔ ۴۔ قرآنی آیات میں دئے گئے وعدوں کے پورے ہونے کے بارے پر امید ہونا۔ ۵۔ عذاب کے وعدوں سے ڈرتے رہنا۔ ۶۔ اس میں بیان شدہ قصوں اور داستانوں سے عبرت حاصل کرنا۔ ۷۔ جن چیزوں کا حکم دیا گیا ہے انہیں انجام دینا۔ ۸۔ جن چیزوں سے منع کیا گیا ہے انہیں ترک کرنا۔ تلاوت کا حق ادا کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ بہترین صوت و لحن اور تجوید کا لحاظ رکھتے ہوئے قرآن مجید کوپڑھا جائے بلکہ اس کا معیار ایمان اور عمل ہے (یَتۡلُوۡنَہٗ حَقَّ تِلَاوَتِہٖ ؕ اُولٰٓئِکَ یُؤۡمِنُوۡنَ بِہٖ)۔ جو شخص مکتب کے انتخاب میں انحراف کا شکار ہوتا ہے تو وہی حقیقی نقصان اٹھانے والا ہے (فَاُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡخٰسِرُوۡنَ)۔

آیات ۱۲۲۔۱۲۳:

یہ دو آیات اسی سورہ کی آیات ۴۷ اور ۴۸ کے ساتھ مماثلت رکھتی ہیں، اس بارے نکات مذکورہ دو آیات کے ذیل میں بیان ہوچکے ہیں۔

آیت ۱۲۴:

تمام انبیاء میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کا خاص مقام ہے، آپ کا نام ۶۹ مرتبہ ۲۵ سورتوں میں آیا ہے۔ پیغمبراسلام ﷺ کی مانند آپ کو اسوہ قرار دیا گیا ہے۔ ان کی شان کو بیان کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے مختلف تعبیریں استعمال کی ہیں اس حد تک کہ حج کے اسرار میں سے ایک آپ کی یاد کو باقی رکھنا قرار دیا ہے۔ اس الٰہی اور خداشناس مرد نے متعدد طریقوں سے شرک اور انحراف کا مقابلہ کیا، ستارہ پرستوں، چاند پرستوں اور سورج پرستوں کے مقابلہ میں استدلال و برہان پیش کئے اور نمرود کے مقابلہ میں اور طریقہ استعمال کیا، مختلف آزمائشات اور امتحانوں میں سرخرو ہوئے جس کے نتیجہ میں انہیں بلند شان ملی اور انہیں انسانوں کے لیے نمونہ قرار دیا گیا۔ قرآن مجید میں بیس مرتبہ امتحان اور آزمائش کا مسئلہ بیان ہوا ہے، یہ آزمائشیں اس لیے نہیں ہیں کہ ان کے ذریعہ اللہ تعالیٰ علم و آگہی حاصل کرنا چاہتا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ ان تمام آزمائشوں سے پہلے سب کچھ جانتا ہے لہذا ان آزمائشوں کا مقصد انسان کے عمل کے ذریعہ اس میں چھپی ہوئی صلاحیتوں اور قابلیتوں کا ظاہر کرنا ہے۔ انسان کی زندگی میں پیش آنے والی تلخیاں اور خوشی کے لمحات سب آزمائش اور امتحان کے وسائل ہیں، کچھ افراد کو مصائب اور مشکلات اور سختیوں کے ذریعہ آزمایا جاتا ہے اور کچھ کو عیش و آرام کے وسائل دے کر آزمایا جاتا ہے۔ سب لوگوں کو آزمائش سے گزرنا ہوتا ہے حتیٰ انبیاء کو بھی اس مرحلے سے گزرنا ہوتا ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو ہر امتحان میں کامیابی کے بعد مقام و مرتبہ عطا کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں انہیں عبداللہ کا مقام ملا، دوسرے مرحلے میں نبی اللہ، پھر رسول اللہ، چوتھے مرحلہ میں خلیل اللہ بنے اور آخری مرحلہ میں امام الناس ہوگئے اور آپ کو لوگوں کی امامت دے دی گئی۔ ’’کلمات‘‘ سے مشکل امتحانات مراد ہیں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام ان تمام امتحانات میں کامیاب ہوئے۔ آپ اپنے چچا آزر کی سرپرستی میں پرورش پارہے تھے لیکن آپ نے اس کی بت پرستی کو قبول نہ کیا بلکہ اس کا مقابلہ کیا، اس کے خلاف قیام کیا اور تاریخ کے سب سے بڑے بت شکن قرار پائے۔ اللہ تعالیٰ کے حکم کی پیروی کرتے ہوئے اپنی بیوی اور شیر خوار بچے کو مکہ کے صحرا میں ٹھہرایا اور ان کے فراق میں پریشان ہوئے بغیر اور ان سے دل لگائے بغیر انہیں اللہ تعالیٰ کے سپرد کر کے وہاں سے واپس آگئے۔ جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو ذبح کرنے کا فرمان ملا تو منیٰ میں اپنے بیٹے کو ذبح کرنے کے لیے لے گئے۔ اپنی دلی خواہش پر اللہ تعالٰی کی رضا کو مقدم قرار دیا لیکن اللہ تعالیٰ کی طرف سے آواز آئی کہ اسماعیل کو ذبح کرنا مقصود نہ تھا بلکہ اس کا مقصد امتحان لینا تھا۔ یہ آیت شیعہ عقائد اور نظریات کا مضبوط ثبوت ہے کہ امام کو معصوم ہونا چاہیے، لہذا جس پر ظالم کا عنوان صادق آئے وہ امام نہیں ہو سکتا۔ پیغمبر بھی الٰہی آزمائشوں سے گزرتے ہیں (وَ اِذِ ابۡتَلٰۤی اِبۡرٰہٖمَ)۔ افراد کو مختلف ذمہ داریاں تفویض کرنے کے لیے ان کی آزمائش ضرور کی جائے (وَ اِذِ ابۡتَلٰۤی اِبۡرٰہٖمَ ۔۔۔بِکَلِمٰتٍ)۔ امامت، وراثت کی بنیاد پر نہیں ملتی بلکہ لیاقت اور صلاحیت کی بنیاد پر ملتی ہے اور یہ امتحانات کے ذریعہ ثابت ہوتا ہے کہ کس کے اندر صلاحیت اور قابلیت ہے (فَاَتَمَّہُنَّ)۔ عہدے اور ذمہ داریاں تدریجاً دی جائیں، ایک مرحلہ میں کامیاب ہونے کے بعد اگلے مرحلہ کی ذمہ داری دی جائے (فَاَتَمَّہُنَّ)، تمام ذمہ داریاں فوراً اور ایک ساتھ نہ دی جائیں۔ امامت الٰہی مقام ہے، لوگوں کے انتخاب کرنے سے امام نہیں بنتا، امام کا تقرر خدا کی طرف سے ہونا چاہیے(اِنِّیۡ جَاعِلُکَ)۔ امامت اللہ تعالیٰ اور عوام کے درمیان معاہدہ ہے (عَہۡدِی)۔ امامت اور رہبری کی اہم شرائط سے ایک عدالت اور پاک و صاف ماضی ہے، جس کے ماضی میں ظلم و شرک جیسے گناہ ہوں وہ امامت کا عہدہ لینے کا لائق نہیں(لَا یَنَالُ عَہۡدِی الظّٰلِمِیۡنَ)۔

آیت ۱۲۵:

سابقہ آیت میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بلند شان اور ان کے مقام و مرتبہ کو بیان کرنے کے بعد ان کی یادگار کعبہ بارے اشارہ کیا ہے اور فرمایا: کعبہ کو لوگوں کے لیے (مَثَابَۃً) قرار دیا ہے۔ ’’مثابہ‘‘ ثوب سے ہے، ثوب پہلی حالت میں پلٹنے کے معنی میں ہے، کعبہ واپس آنے کی جگہ ہے، سب لوگوں کی میعاد گاہ،پر امن اور مقدس جگہ ہے۔ اللہ تعالیٰ جسم نہیں ہے تاکہ اسے گھر کی ضرورت ہو، (بَیۡتِیَ) ’’میرا گھر‘‘، (شہر اللہ) ’’اللہ کا مہینہ‘‘ کی طرح ہے کہ ماہ رمضان پر بولا جاتا ہے کہ وہ شہر اللہ ہے، اس کا مقصد جگہ کو عزت دینا اور مہینہ کو باعظمت قرار دینا ہے۔ اس وجہ سے اللہ تعالیٰ نے کعبہ کو اپنی طرف نسبت دی ہے اور ماہ مبارک رمضان کی بھی اپنی طرف نسبت دی ہے۔ اس سے زمانہ اور جگہ کی کرامت کو بیان کرنا مقصود ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام بین الاقوامی شخصیت ہیں۔ سابقہ آیت میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کو تمام انسانوں کا امام قرار دیا گیا اور اس آیت میں کعبہ کو سب لوگوں کے لیے میعاد گاہ ’’واپس پلٹنے کی جگہ‘‘ قرار دیا گیا ہے (جَعَلۡنَا الۡبَیۡتَ مَثَابَۃً لِّلنَّاسِ)۔ جو شخص اللہ تعالیٰ کے حضور میں مکمل طور پر سرتسلیم خم کر دیتا ہے تو اللہ تعالیٰ کی خاطر تمام سروں کو اس کے نقشِ قدم پر جھک جانا چاہیے(مُصَلًّی)۔ عبادت طہارت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے (طَہِّرَا ۔۔۔ وَ الرُّکَّعِ السُّجُوۡدِ)۔ عبادت اور نماز کی اتنی زیادہ اہمیت ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کو حکم دیا جاتا ہے کہ وہ اس جگہ کو پاک کریں (طَہِّرَا بَیۡتِیَ ۔۔۔الرُّکَّعِ السُّجُوۡدِ)۔ مسجد پاکیزہ اور ایسی ہو کہ لوگوں میں اس میں آنے کی رغبت پیدا ہوجائے(طَہِّرَا بَیۡتِیَ)۔

آیت ۱۲۶:

سابقہ آیات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی ذریت کے لیے امامت کے منصب کی درخواست کی تو اللہ تعالیٰ نے ان کے جواب میں فرمایا کہ یہ منصب ظالم کو نہیں ملے گا۔ اس آیت میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے مومنوں کے لیے دنیا کا رزق مانگا ہے لیکن اللہ تعالیٰ نے اس انحصار کو قبول نہیں کیا اور فرمایا کہ کافروں کو بھی دنیاوی رزق سے محروم نہیں رکھا جائے گا کیونکہ مادی رزق اہم نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں اہل و نااہل دونوں کو رزق دیا جاتا ہے۔ لیکن معنوی مقامات ہر ایک کو نہیں دئے جاسکتے۔ انبیاء کی توجہ جس طرح لوگوں کی دنیاوی ضرورتوں پر تھی اسی طرح وہ ان کے امن و سکون کے لیے بھی کوشاں تھے اور اس کے لیے دعا بھی کرتے تھے (رَبِّ اجۡعَلۡ ہٰذَا بَلَدًا اٰمِنًا)۔ نعمتوں سے بہرہ مندی اس وقت لذت بخش ہوتی ہے جب زندگی گزارنے کی جگہ پر امن، آرام و سکون اور سلامتی کی جگہ ہو(اٰمِنًا وَّ ارۡزُقۡ)۔ دنیاوی نعمتیں اللہ تعالیٰ کے لطف و کرم کی نشانی نہیں (وَ مَنۡ کَفَرَ فَاُمَتِّعُہٗ)۔ انسانوں کی امداد کرتے وقت ان کے مکتب، عقیدہ اور نظریہ کو مدنظر نہ رکھا جائے،حاجت مندوں کی حاجت پوری کرنے میں مذہب و مکتب کی شرط نہیں(وَ مَنۡ کَفَرَ فَاُمَتِّعُہٗ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 127 تا 134
وَإِذۡ يَرۡفَعُ إِبۡرَٰهِـۧمُ ٱلۡقَوَاعِدَ مِنَ ٱلۡبَيۡتِ وَإِسۡمَٰعِيلُ رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّآۖ إِنَّكَ أَنتَ ٱلسَّمِيعُ ٱلۡعَلِيمُ ١٢٧ رَبَّنَا وَٱجۡعَلۡنَا مُسۡلِمَيۡنِ لَكَ وَمِن ذُرِّيَّتِنَآ أُمَّةٗ مُّسۡلِمَةٗ لَّكَ وَأَرِنَا مَنَاسِكَنَا وَتُبۡ عَلَيۡنَآۖ إِنَّكَ أَنتَ ٱلتَّوَّابُ ٱلرَّحِيمُ ١٢٨ رَبَّنَا وَٱبۡعَثۡ فِيهِمۡ رَسُولٗا مِّنۡهُمۡ يَتۡلُواْ عَلَيۡهِمۡ ءَايَٰتِكَ وَيُعَلِّمُهُمُ ٱلۡكِتَٰبَ وَٱلۡحِكۡمَةَ وَيُزَكِّيهِمۡۖ إِنَّكَ أَنتَ ٱلۡعَزِيزُ ٱلۡحَكِيمُ ١٢٩ وَمَن يَرۡغَبُ عَن مِّلَّةِ إِبۡرَٰهِـۧمَ إِلَّا مَن سَفِهَ نَفۡسَهُۥۚ وَلَقَدِ ٱصۡطَففَيۡنَٰهُ فِي ٱلدُّنۡيَاۖ وَإِنَّهُۥ فِي ٱلۡأٓخِرَةِ لَمِنَ ٱلصَّٰلِحِينَ ١٣٠ إِذۡ قَالَ لَهُۥ رَبُّهُۥٓ أَسۡلِمۡۖ قَالَ أَسۡلَمۡتُ لِرَبِّ ٱلۡعَٰلَمِينَ ١٣١ وَوَصَّىٰ بِهَآ إِبۡرَٰهِـۧمُ بَنِيهِ وَيَعۡقُوبُ يَٰبَنِيَّ إِنَّ ٱللَّهَ ٱصۡطَفَىٰ لَكُمُ ٱلدِّينَ فَلَا تَمُوتُنَّ إِلَّا وَأَنتُم مُّسۡلِمُونَ ١٣٢ أَمۡ كُنتُمۡ شُهَدَآءَ إِذۡ حَضَرَ يَعۡقُوبَ ٱلۡمَوۡتُ إِذۡ قَالَ لِبَنِيهِ مَا تَعۡبُدُونَ مِنۢ بَعۡدِيۖ قَالُواْ نَعۡبُدُ إِلَٰهَكَ وَإِلَٰهَ ءَابَآئِكَ إِبۡرَٰهِـۧمَ وَإِسۡمَٰعِيلَ وَإِسۡحَٰقَ إِلَٰهٗا وَٰحِدٗا وَنَحۡنُ لَهُۥ مُسۡلِمُونَ ١٣٣ تِلۡكَ أُمَّةٞ قَدۡ خَلَتۡۖ لَهَا مَا كَسَبَتۡ وَلَكُم مَّا كَسَبۡتُمۡۖ وَلَا تُسۡـَٔلُونَ عَمَّا كَانُواْ يَعۡمَلُونَ ١٣٤
ترجمہ
اور جس وقت ابراہیم اور اسماعیل خانہ کعبہ کی بنیادوں کو اوپر اٹھا رہے تھے تو انہوں نے کہا: اے ہمارے رب!اس کو ہم سے قبول فرمالے، بتحقیق توں ہی سننے والا دانا ہے۔(۱۲۷) اے ہمارے رب! ہمیں اپنے سامنے تسلیم ہونے والوں سے قرار دے دے اور ہماری نسل میں ایک امت مسلمہ وجود میں لے آ، اپنی پرستش کی راہ و رسم ہمیں تعلیم دے اور ہماری توبہ کو قبول فرما، یقیناً توں توبہ قبول کرنے والا مہربان ہے۔(۱۲۸) اے ہمارے رب! ان میں سے ایک پیغمبر کو مبعوث فرما تاکہ تیری آیات کو ان پر پڑھے اور انہیں کتاب و حکمت کی تعلیم دے اور انہیں پاکیزہ بنائے، توں خود توانا اور حکیم ہے۔(۱۲۹) اور کو ن ہے جو ابراہیم کے آئین سے منہ پھیر لے مگر وہ شخص جس نے اپنے آپ کو حماقت میں مبتلا کیا ہے، ہم نے انہیں اس جہاں میں چن لیا ہے، یقیناً وہ دوسرے جہاں میں بھی صالحین سے ہے۔(۱۳۰) جس وقت ابراہیم کے رب نے اس سے کہا: تم تسلیم ہوجاؤ تو اس نے اللہ کے فرمان کو دل و جان سے قبول کیا اور کہا کہ میں رب العالمین کے سامنے تسلیم ہوا۔(۱۳۱) ابراہیم اور یعقوب نے اپنی اولاد کو یہی حکم دیا اور کہا: اے میری اولاد! اللہ نے تمہارے لیے اس توحیدی دین کو چن لیا ہے، لہذا زندگی کے آخری لمحات تک اسی پر قائم رہو، اس کے سامنے تسلیم ہونے کی حالت کے بغیر مت مرو۔(۱۳۲) (اے یہودیو) جس وقت یعقوب کی موت کا وقت آگیا تو کیا تم سب حاضر تھے؟ اس وقت یعقوب نے اپنی اولاد سے کہا: میرے بعد تم کس کی پرستش کرو گے؟ انہوں نے کہا: تیرے رب اور تیرے آباء و اجداد ابراہیم، اسماعیل اور اسحق کے رب، اللہ یکتا کی عبادت کریں گے، ہم اس کے سامنے تسلیم ہیں۔(۱۳۳) وہ سب ایک امت تھے کہ وہ گزر چکے جو کچھ انہوں نے انجام دیا وہ ان کے لیے ہے اور جو تم نے کیا وہ تمہارے لیے ہے، جو کچھ انہوں نے انجام دیا ہے اس کے متعلق تم سے سوال نہ کیا جائے گا۔(۱۳۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۲۷:

متعدد آیات اور احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ کعبہ حضرت آدم علیہ السلام کے زمانہ سے موجود تھا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اس کی مرمت کی جیسا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جب اپنی بیوی اور اپنے بیٹے کو وہاں پر چھوڑا تھا تو یہ دعا کی تھی (رَبَّنَاۤ اِنِّیۡۤ اَسۡکَنۡتُ مِنۡ ذُرِّیَّتِیۡ بِوَادٍ غَیۡرِ ذِیۡ زَرۡعٍ عِنۡدَ بَیۡتِکَ الۡمُحَرَّمِ)’’ابراہیم، ۳۷‘‘ اے ہمارے رب! میں نے اپنے گھر والوں کو بے آباد سرزمین میں تیرے گھر کے پاس ٹھہرایا ہے۔ اس آیت میں اس گھر کی بنیادوں کو اوپر اٹھانے کی بات حضرت ابراہیم علیہ السلام کے حوالے سے بیان ہوئی ہے، اس عبارت سے معلوم ہوتا ہے کہ کعبہ کی بنیاد وہاں پر پہلے سے موجود تھی۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اس کی بنیادوں پر اسے اوپر اٹھایا۔ الٰہی اہداف کے لیے تعمیرات کرنا بھی عبادت ہے، اسی لیے اس تعمیر کے بعد اللہ تعالیٰ سے اس کی قبولیت کی دعا کی گئی ہے (یَرۡفَعُ اِبۡرٰہٖمُ الۡقَوَاعِدَ۔۔۔رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا) اے ہمارے رب! ہم سے اس تعمیر کے عمل کو قبول فرما۔ کام اہم نہیں ہوتا بلکہ جو بھی کام کیا جائے اس کی قبولیت اہمیت رکھتی ہے، اگرچہ ہم کعبہ ہی تعمیر کیوں نہ کریں، کعبہ بنانے کاعمل انجام دیں لیکن وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں قبول نہ ہو تو اس کی کچھ بھی قدر و قیمت نہیں ہے (رَبَّنَا تَقَبَّلۡ)۔ اپنے اعمال کو اللہ تعالیٰ کی عظمت کے سامنے قابل ذکر نہ جانیں، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے کام اور کعبہ تعمیر کرنے کا ذکر نہیں کیا، فقط یہ کہا (رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا)۔

آیت ۱۲۸:

حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملنے والے ذبح کے فرمان کو اعلیٰ ترین صورت میں تسلیم کرنے کا مظاہرہ کیا لیکن اس کے باوجود اللہ تعالیٰ سے دعا کر رہے ہیں کہ اے ہمارے رب! ہمیں اس طرح بنا کہ ہم تیرے حکم کے سامنے تسلیم ہوں، چنانچہ اللہ تعالیٰ سے چاہ رہے ہیں کہ وہ الٰہی احکام کے سامنے تسلیم ہونے میں ان کی مدد کرے اور توفیق دے کہ تسلیم ہونے کی یہ کیفیت ان میں ہمیشہ رہے۔ جن کمالات کو آپ نے حاصل کر لیا ہے تو اس پر قناعت نہ کریں بلکہ اللہ تعالیٰ سے ان کمالات کے باقی اور جاری رکھنے کی مدد مانگیں (رَبَّنَا وَ اجۡعَلۡنَا مُسۡلِمَیۡنِ لَکَ)۔ اپنی اولاد اور آنے والی نسلوں پر توجہ دینا عاقلانہ سوچ ہے جسے خدا پسند کرتا ہے، یہ بات بار بار حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعاؤں میں ذکر ہوئی ہے (وَ مِنۡ ذُرِّیَّتِنَاۤ)۔ بندگی کے طور طریقوں کو اللہ تعالٰی سے سیکھنا چاہیے ورنہ خرافات اور انحرافات میں پڑ جائیں گے (اَرِنَا مَنَاسِکَنَا)۔ جب تک اللہ تعالٰی کے سامنے تسلیم ہونے کا جذبہ نہ ہو تو احکام کے بیان کرنے کا کچھ فائدہ نہیں، اس جگہ حضرت ابراہیم علیہ السلام شروع میں اللہ تعالیٰ سے تسلیم کی حالت مانگ رہے ہیں پھر عبادت کے طور طریقے سکھانے کی درخواست کرتے ہیں (وَ اجۡعَلۡنَا مُسۡلِمَیۡنِ لَکَ۔۔۔اَرِنَا مَنَاسِکَنَا)۔ توبہ اور الٰہی الطاف کی طرف بازگشت اور واپسی ہر حال میں اور ہر جگہ قدر و قیمت رکھتی ہے (تُبۡ عَلَیۡنَا)۔

آیت ۱۲۹:

یہ آیت حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ایک اور دعاء کو بیان کر رہی ہے جو ان کے باطنی عشق و جذبہ اور اخلاص کو بیان کر رہی ہے۔ وہ اپنی آنے والی نسلوں اور اولاد کے لیے دعا کر رہے ہیں کہ اے میرے رب!میری ذریت سے لوگوں کے لیے رسول مبعوث فرما۔ رسول اللہﷺ سے منقول ہے کہ آپ نے فرمایا: (اَنَا دَعْوَۃُ اَبِی اِبْرَاہِیْم) میں اپنے باپ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا کا اثر ہوں۔ یعنی میری بعثت ان کی دعا کا نتیجہ اور ثمر ہے کہ انہوں نے دعا مانگی تھی (رَبَّنَا وَ ابۡعَثۡ فِیۡہِمۡ رَسُوۡلًا مِّنۡہُمۡ)۔ اگرچہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعاء میں تعلیم، تذکیہ پر مقدم ہے لیکن اللہ تعالیٰ نے اس دعا کی قبولیت میں تذکیہ کو تعلیم پر مقدم کیا ہے تاکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو متوجہ کیا جائے کہ تذکیہ تعلیم سے زیادہ اہم ہے، تعلیم، تذکیہ کے بعد کے مرحلے میں ہے ( یُزَکِّیۡہِمۡ وَ یُعَلِّمُہُمُ الۡکِتٰبَ وَ الۡحِکۡمَۃَ )’’جمعہ، ۲‘‘۔ لوگوں کی ہدایت کے لیے صرف کعبہ کی تعمیر کافی نہیں، اگر ایک معصوم رہبر لوگوں کے درمیان موجود نہ ہو تو کعبہ بت خانہ بن جاتا ہے (یَرۡفَعُ اِبۡرٰہٖمُ۔۔۔وَ ابۡعَثۡ فِیۡہِمۡ) کعبہ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کعبہ کے لیے رہبر کی درخواست کی۔ پیغمبروں کی بعثت کا مقصد آسمانی کتاب کی بنیاد پر لوگوں کا تذکیہ کرنا اور انہیں تعلیم دینا ہے ( یَتۡلُوۡا۔۔۔ وَ یُعَلِّمُہُمُ۔۔۔یُزَکِّیۡہِمۡ)۔ علم و آگہی اس وقت فائدہ مند ہے جب سمجھ اور حکمت، تذکیہ اور تقویٰ کے ہمراہ ہو (یُعَلِّمُہُمُ الۡکِتٰبَ وَ الۡحِکۡمَۃَ وَ یُزَکِّیۡہِمۡ)۔

آیت ۱۳۰:

سابقہ آیات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی شخصیت اور ان کے اہداف کے چند نمونے بیان کئے گئے اور اب اس آیت میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے چہرے کی نورانیت و پاکیزگی پر توجہ دیتے ہوئے سوال کرتے ہیں کہ سوائے احمق اور نادان کے کوئی اور ابراہیم علیہ السلام اور ان کے اہداف سے منہ پھیرے گا؟ جو افراد حقائق کو نظر انداز کرتے ہیں اور کفران نعمت کرتے ہیں انہیں قرآنی ثقافت میں سفیہ، بے وقوف اور ناسمجھ کہا جاتا ہے۔ چونکہ بنی اسرائیل بہانوں سے قبلہ کی تبدیلی بارے سوال اٹھا رہے تھے اس لیے قرآن مجید نے انہیں سفیہ کہا ہے (سَیَقُوۡلُ السُّفَہَآءُ)’’بقرہ، ۱۴۲‘‘ سفیہ وہ ہوتا ہے جو منطق، مکتب، رہبر اور راہ حق کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے آپ کو اپنی اور دوسروں کی خواہشات کے حوالے کردیتا ہے (سَفِہَ نَفۡسَہٗ)۔ دین داری عقلمندی ہے اور دین سے انحراف، بے عقلی اور ناسمجھی ہے (مَنۡ یَّرۡغَبُ ۔۔۔سَفِہَ نَفۡسَہٗ)۔

آیت ۱۳۱:

معنوی مقامات اور الٰہی مرتبے بغیر کسی دلیل کے کسی کو نہیں دئے جاتے، اگر اللہ تعالیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا انتخاب کرتا ہے تو اس وجہ سے ہے کہ ان میں اللہ تعالیٰ کے سامنے تسلیم محض ہونے کا جذبہ موجود تھا (اَسۡلِمۡ ۙ قَالَ اَسۡلَمۡتُ)۔ اللہ تعالیٰ کے حضور تسلیم ہونے کا فلسفہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ عالمین کا رب ہے (اَسۡلَمۡتُ لِرَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ)۔

آیت ۱۳۲:

ہمیں اپنی نسل اور اولاد کے عقیدہ اور ایمان کی سلامتی بارے فکر مند ہونا چاہیے، اپنی وصیتوں میں فقط مادی پہلوں پر توجہ نہ دیں بلکہ معنوی امور پر بھی توجہ رکھیں (وَصّٰی ۔۔۔ فَلَا تَمُوۡتُنَّ اِلَّا وَ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ)۔ راہ حق وہی راہ اسلام ہے، اللہ تعالیٰ کے سامنے تسلیم ہونا، تمام انبیاء نے اسی راستہ پر چلنے کی دعوت دی ہے (وَصّٰی بِہَاۤ اِبۡرٰہٖمُ بَنِیۡہِ وَ یَعۡقُوۡبُ)۔ اللہ تعالیٰ نے ہمارے لیے تمام راستوں میں سے دین کے راستے کو انتخاب کیا ہے(اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰی لَکُمُ الدِّیۡنَ)۔ اگرچہ مرنے کی جگہ اور وقت کا اختیار ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن ہم اپنے لیے حُسن عاقبت کے اسباب فراہم کرسکتے ہیں، خود کو صحیح عقیدہ اور عمل کے راستہ میں قرار دے کر اور گناہوں سے دوری کے ذریعہ اپنے لیے حُسن عاقبت کے اسباب فراہم کرسکتے ہیں(فَلَا تَمُوۡتُنَّ اِلَّا وَ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ)۔

آیت ۱۳۳:

یہودیوں کی ایک جماعت کا یہ دعویٰ تھا کہ حضرت یعقوب علیہ السلام نے موت کے وقت اپنی اولاد سے کہا تھا کہ وہ اس دین پر عمل کریں جس میں یہودیوں نے بہت ساری تحریفات کی تھیں، اس لیے وہ اسی تحریف شدہ دین کے پابند ہیں۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے اس جماعت کی تردید کرتے ہوئے ان سے سوال کیا ہے کہ کیا تم حضرت یعقوب علیہ السلام کی موت کے وقت ان کے سرہانے پر موجود تھے جو تم اس طرح کی بات کررہے ہو؟ قرآن مجید نے بعض مقامات پر (عَمْ) ’’چچا‘‘ کو( اَبْ) ’’باپ‘‘ سے تعبیر کیا ہے جیسے (اٰبَآئِکَ اِبۡرٰہٖمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ) کیونکہ حضرت اسماعیل علیہ السلام بنی اسرائیل کے چچا تھے۔ بات علم و آگہی کی بنیاد پر ہو (اَمۡ کُنۡتُمۡ شُہَدَآءَ)۔ سب کو ایک دن موت آئے گی، اللہ تعالیٰ کے پیغمبر کو بھی موت آتی ہے (حَضَرَ یَعۡقُوۡبَ الۡمَوۡتُ)۔ انسانی زندگی کا سب سے حساس مرحلہ موت کا لمحہ ہے اور حساس ترین مسئلہ دین اورعقیدہ ہے اور حساس ترین مخاطب انسان کی نسل ہے (اِذۡ حَضَرَ یَعۡقُوۡبَ الۡمَوۡتُ ۙ اِذۡ قَالَ لِبَنِیۡہِ مَا تَعۡبُدُوۡنَ)۔ موت کے وقت وعظ و نصیحت کرنے کے گہرے اثرات ہوتے ہیں (اِذۡ حَضَرَ یَعۡقُوۡبَ الۡمَوۡتُ ۙ اِذۡ قَالَ)۔ والدین کو اپنی اولاد کے دین کے متعلق حساس ہونا چاہیے، یہاں تک کہ انبیاء کی اولاد کے لیے بھی بے دینی کا خطرہ ہے (مَا تَعۡبُدُوۡنَ مِنۡۢ بَعۡدِیۡ)۔ سارے انبیاء اللہ تعالیٰ کے سامنے تسلیم رہنے اور عبادت کرنے کی وصیت کرتے تھے (اِلٰـہًا وَّاحِدًا)۔ فقط اللہ تعالٰی کے فرمان کے سامنے تسلیم ہوں (لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ)۔

آیت ۱۳۴:

بنی اسرائیل کی غلطیوں میں سے ایک غلطی یہ تھی کہ وہ اپنے خاندان کے بڑوں پر افتخار کرتے اور ان کے کارناموں پر فخرو مباہات کرتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ اگر وہ آلودہ اور گنہگار ہوں تو ماضی کے بزرگوں کے کمالات ان کو فائدہ دیں گے اور ان کی بخشش کا سبب بنیں گے۔ یہ آیت ان کو خبردار کررہی ہے کہ تم اپنے اعمال کے ذمہ دار ہو اور تمہارے آباء و اجداد اپنے اعمال کے متعلق جوابدہ ہیں۔ حضرت علی علیہ السلام سے منقول ہے: (اَلشَّرَفُ بِالْهِمَمِ الْعَالِيَةِ لاَ بِالرِّمَمِ الْبَالِيَةِ)عزت اور عظمت، بلند ہمت سے ملتی ہے نہ کہ اسلاف اور بزرگوں کی بوسیدہ ہڈیوں پر فخر کرنے سے۔ ہر شخص کا مستقبل اس کے اعمال پر منحصر ہے(وَ لَا تُسۡـَٔلُوۡنَ عَمَّا کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 1
آیت 135 تا 141
وَقَالُواْ كُونُواْ هُودًا أَوۡ نَصَٰرَىٰ تَهۡتَدُواْۗ قُلۡ بَلۡ مِلَّةَ إِبۡرَٰهِـۧمَ حَنِيفٗاۖ وَمَا كَانَ مِنَ ٱلۡمُشۡرِكِينَ ١٣٥ قُولُوٓاْ ءَامَنَّا بِٱللَّهِ وَمَآ أُنزِلَ إِلَيۡنَا وَمَآ أُنزِلَ إِلَىٰٓ إِبۡرَٰهِـۧمَ وَإِسۡمَٰعِيلَ وَإِسۡحَٰقَ وَيَعۡقُوبَ وَٱلۡأَسۡبَاطِ وَمَآ أُوتِيَ مُوسَىٰ وَعِيسَىٰ وَمَآ أُوتِيَ ٱلنَّبِيُّونَ مِن رَّبِّهِمۡ لَا نُفَرِّقُ بَيۡنَ أَحَدٖ مِّنۡهُمۡ وَنَحۡنُ لَهُۥ مُسۡلِمُونَ ١٣٦ فَإِنۡ ءَامَنُواْ بِمِثۡلِ مَآ ءَامَنتُم بِهِۦ فَقَدِ ٱهۡتَدَواْۖ وَّإِن تَوَلَّوۡاْ فَإِنَّمَا هُمۡ فِي شِقَاقٖۖ فَسَيَكۡفِيكَهُمُ ٱللَّهُۚ وَهُوَ ٱلسَّمِيعُ ٱلۡعَلِيمُ ١٣٧ صِبۡغَةَ ٱللَّهِ وَمَنۡ أَحۡسَنُ مِنَ ٱللَّهِ صِبۡغَةٗۖ وَنَحۡنُ لَهُۥ عَٰبِدُونَ ١٣٨ قُلۡ أَتُحَآجُّونَنَا فِي ٱللَّهِ وَهُوَ رَبُّنَا وَرَبُّكُمۡ وَلَنَآ أَعۡمَٰلُنَا وَلَكُمۡ أَعۡمَٰلُكُمۡ وَنَحۡنُ لَهُۥ مُخۡلِصُونَ ١٣٩ أَمۡ تَقُولُونَ إِنَّ إِبۡرَٰهِـۧمَ وَإِسۡمَٰعِيلَ وَإِسۡحَٰقَ وَيَعۡقُوبَ وَٱلۡأَسۡبَاطَ كَانُواْ هُودًا أَوۡ نَصَٰرَىٰۗ قُلۡ ءَأَنتُمۡ أَعۡلَمُ أَمِ ٱللَّهُۗ وَمَنۡ أَظۡلَمُ مِمَّن كَتَمَ شَهَٰدَةً عِندَهُۥ مِنَ ٱللَّهِۗ وَمَا ٱللَّهُ بِغَٰفِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُونَ ١٤٠ تِلۡكَ أُمَّةٞ قَدۡ خَلَتۡۖ لَهَا مَا كَسَبَتۡ وَلَكُم مَّا كَسَبۡتُمۡۖ وَلَا تُسۡـَٔلُونَ عَمَّا كَانُواْ يَعۡمَلُونَ ١٤١
ترجمہ
(اہل کتاب) کہتے ہیں: یہودی یا نصرانی بنو تو ہدایت یافتہ ہو جاؤ گے، ان سے کہہ دو: (نہیں) بلکہ ابراہیم کی حق شریعت کی پیروی کرو(یہی ہدایت کا سبب ہے) اور ابراہیم مشرکوں میں سے نہ تھے۔(۱۳۵) (اےمسلمانو!) کہو: ہم اللہ پر ایمان لے آئے اور اس پر ایمان لے آئے جو ہماری طرف نازل کیا گیا ہے اور جو ابراہیم، اسماعیل، اسحق، یعقوب اور اسباط (جو یعقوب کی اولاد سے پیغمبر تھے) پر نازل کیا گیا اور جو موسیٰ و عیسیٰ کو دیا گیا اور جو انبیاء کو ان کے رب کی طرف سے دیا گیا (ان سب پر ایمان لائے)ہم ان میں سے کسی میں بھی تفریق نہیں کرتے اور ہم صرف اسی کےسامنے تسلیم ہیں۔ (۱۳۶) اگر یہ لوگ اسی طرح ایمان لائیں جس طرح تم ایمان لائے ہو تو وہ ہدایت پر ہیں اور اگر وہ رخ موڑ لیں تو وہ صرف مخالفت کے درپے ہیں، خدا تمہیں ان سے محفوظ رکھے گا اور وہ خوب سننے اور جاننے والا ہے۔(۱۳۷) خدائی رنگ اختیار کرو، اللہ کے رنگ سے اچھا اور کس کا رنگ ہو سکتا ہے؟ اور ہم صرف اسی کی عبادت کرنے والے ہیں۔(۱۳۸) (اے پیغمبر! اہل کتاب سے)کہدو: کیا تم اللہ کے بارے ہمارے ساتھ بحث و مباحثہ کرتے ہو؟ حالانکہ ہمارا اور تمہارا رب وہی ہے اور ہمارے لیے ہمارے اعمال ہیں اور تمہارے لیے تمہارے اعمال اور ہم تو اسی کے لیے خالصانہ عبادت کرتے ہیں۔(۱۳۹) کیا تم کہتے ہو کہ ابراہیم، اسماعیل، اسحق، یعقوب اور ان کی اولاد سے پیغمبریہودی یا نصرانی تھے؟ کہہ دو: کیا تم بہتر جانتے ہو یا اللہ؟ اور اس سے بڑھ کر ظالم اور کون ہو سکتا ہے جو (پیغمبروں کے متعلق ) اللہ کی طرف سے(آنے والی) گواہی کو چھپائے؟ اور اللہ تمہارے اعمال سے بے خبر تو نہیں ہے۔(۱۴۰) وہ سب ایک امت تھے کہ وہ گزر چکے جو کچھ انہوں نے انجام دیا وہ ان کے لیے ہے اور جو تم نے کیا وہ تمہارے لیے ہے، جو کچھ انہوں نے انجام دیا ہے اس کے متعلق تم سے سوال نہ کیا جائے گا۔(۱۴۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۳۵:

’’یہود‘‘ کا لفظ ’’ھود‘‘سے لیا گیا ہے جس کامعنی خدا کی جانب واپس پلٹنا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام سے مروی ہے: یہودیوں کا لقب سورہ اعراف کی آیت ۱۵۶ سے لیا گیا ہے جہاں پر ہے کہ بنی اسرائیل نے اللہ تعالیٰ سے کہا:(اِنَّا ہُدۡنَاۤ اِلَیۡکَ) اور نصاریٰ کا لفظ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے کلام سے لیا گیا ہے جس میں آپ نے کہا:(مَنۡ اَنۡصَارِیۡۤ اِلَی اللّٰہِ) اور’’حنیف‘‘ کا لفظ ’’حنف‘‘سے لیا گیا ہے جو سیدھی راہ پر آنے کے معنی میں ہے۔ جس طرح ’’جنف‘‘ کا لفظ غلط راستے پر چلنے کے معنی میں ہے۔ اسی سورہ کی آیت ۱۱۳ میں ہم نے پڑھا کہ یہودی اور عیسائی ایک دوسرے کو گمراہ سمجھتے تھے اور ان میں سے ہر کوئی یہ خیال کرتا تھا کہ صرف وہی ہدایت اور سیدھی راہ پر ہے۔ حالانکہ وہ دونوں صراط مستقیم سے گمراہ ہوئے کیونکہ صراط مستقیم حضرت ابراہیم علیہ السلام کا راستہ ہے جس پر انہوں نے کبھی بھی شک و تردید نہیں کیا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: دین حنیف اور دین حق سے مراد حق اور اسلام کی طرف میلان اور رغبت پیدا کرنا ہے۔ نام اور عنوان اہمیت نہیں رکھتا، جو چیز اہمیت رکھتی ہے وہ ایمان اور عمل ہے۔ یہودی یا نصرانی ایک لقب کے سواء کچھ نہیں، جس چیز کی اہمیت اور شان ہے وہ توحید اور یکتا پرستی ہے (بَلۡ مِلَّۃَ اِبۡرٰہٖمَ حَنِیۡفًا)۔

آیت ۱۳۶:

اس آیت میں مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مخالفین سے کہہ دیں: اللہ، اللہ کی طرف سے مبعوث ہونے والے تمام انبیاء اور جو کچھ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل ہوا ہے ان سب پر ہمارا ایمان ہے۔ ہم ذاتی انا، قومی یا لسانی تعصب کی وجہ سے ان میں سے کچھ کو قبول یا کچھ کو ماننے سے انکار نہیں کرتے۔ ’’اسباط‘‘۔ ’’سبط‘‘ کی جمع ہے جو پوتے کے معنی میں ہے۔ اس سے بنی اسرائیل کے بارہ قبیلے مراد ہیں جو حضرت یعقوب علیہ السلام کے بارہ بیٹوں کی نسل سے تھے کہ ان قبیلوں میں اللہ تعالیٰ نے انبیاء مبعوث کئے۔ (وَ مَاۤ اُوۡتِیَ مُوۡسٰی وَ عِیۡسٰی)کا مطلب یہ ہے کہ جو کچھ ان دو پیغمبروں پر نازل ہوا ہے اس پر ہمارا ایمان ہے، جو کچھ یہودیوں اور عیسائیوں کے پاس تحریف شدہ صورت میں موجود ہے اس پر ہمارا ایمان نہیں۔ لہذا اگر ہم تمہاری اس بات (کُوۡنُوۡا ہُوۡدًا اَوۡ نَصٰرٰی) کو قبول نہیں کرتے اور یہودیت اور عیسائیت کو نجات کا وسیلہ نہیں مانتے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ اس دین میں خرافات اور انحرافات پیدا کئے گئے ہیں۔ ورنہ ہم حقیقی تورایت اور انجیل کو مانتے ہیں جن میں پیغمبراسلامﷺ کی آمد کی بشارت دی گئی ہے۔ تمام انبیاء اور آسمانی کتابوں پر ایمان لانا ضروری ہے (اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَ مَاۤ اُنۡزِلَ۔۔۔)۔ بعض انبیاء کا انکار سارے انبیاء کے انکار کے مترادف ہے، حقیقی مسلمان وہ ہے جو تمام انبیاء پر ایمان لائے۔ قلبی طور پر تسلیم ہونے کے ساتھ ساتھ عملی طور پر بھی تسلیم ہونا ضروری ہے (اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَ مَاۤ اُنۡزِلَ ۔۔۔ وَ نَحۡنُ لَہٗ مُسۡلِمُوۡنَ)۔

آیت ۱۳۷:

اگر اہل کتاب، یہودی اور عیسائی اپنی انا اور قومی اور نسلی تعصب کو چھوڑ کر مسلمانوں کی طرح تمام انبیاء اور آسمانی کتابوں پر ایمان لائیں تو یقیناً وہ بھی ہدایت پائیں گے۔ لیکن اگر ماضی کی طرح اب بھی وہ فقط اپنے آپ کو برحق جانیں اور دوسروں کو گمراہ قرار دیں تو حق کے ساتھ ان کی جنگ ہوگی اور ان کا راستہ حق سے جدا ہوگا۔ البتہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی راہ پر ثابت قدم رہیں اور دشمنوں کی تحقیر اور ان کی سازشوں سے خوف نہ کھائیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے شر کو مسلمانوں سے دور کرے گا اور ان کے مقابلے میں مسلمانوں کی مدد کرے گا۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ سننے والا اور جاننے والا ہے۔ اسلام،حقیقی ہدایت پانے والوں کے لیے نمونہ ہے (بِمِثۡلِ مَاۤ اٰمَنۡتُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کی حمایت اور ان کی مدد کرنے کا وعدہ دیا ہے (فَسَیَکۡفِیۡکَہُمُ اللّٰہُ)۔ یہودیوں اور عیسائیوں کا دشمنی کی وجہ سے ایمان نہ لانا ضد اور ہٹ دھرمی ہے، منطق اور استدلال نہیں (وَ اِنۡ تَوَلَّوۡا فَاِنَّمَا ہُمۡ فِیۡ شِقَاقٍ)۔

آیت ۱۳۸:

بہر صورت انسان کو اپنی زندگی میں کسی نہ کسی رنگ کو اپنانا ہوتا ہے، لیکن ان میں سے الٰہی رنگ سب سے بہتر رنگ ہے کیونکہ یہ رنگ پائیدار اور دائمی ہے (کُلُّ شَیۡءٍ ہَالِکٌ اِلَّا وَجۡہَہ)’’قصص، ۸۸‘‘، الٰہی رنگ اختیار کرنے کے لیے سب سے بہتر طریقہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنا ہے۔ اہل کتاب کا یہ عمل ایک خرافی عمل ہے جس میں وہ الٰہی رنگ اختیار کرنے کی غرض سے اپنے بچوں کو مخصوص پانی سے نہلاتے ہیں اور اس طریقہ سے انہیں الٰہی رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ سب سے بہتر رنگ وہ ہے جس میں صمیمیت اور دوام ہو اور اولیاء الٰہی کی توجہ اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔ یہی رنگ فطرت اور منطق کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، اس رنگ کا خریدار اللہ تعالیٰ اور اس کی قیمت بہشت ہے۔ سارے دنیوی رنگوں نے ایک دن ختم ہوجاناہے، قبیلہ، قوم و نسل، حسب و نسب سب نے جلد یا بدیر ختم ہونا ہے، جس رنگ نے ہمیشہ باقی رہنا ہے وہ الٰہی رنگ ہے، یعنی ایمان اور اخلاص۔ خدا کا راستہ ایک ہی ہے، اگر الٰہی رنگ نہ ہو تو دوسرے رنگ انسان کو الجھاتے اور پریشان کردیتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے ساتھ ہم رنگ ہونا جن میں سے اکثر منحرف ہیں، قیامت کے دن ذلت و رسوائی کا باعث بنے گا۔ خدا، پیغمبروں اور آسمانی کتابوں پر ایمان لانا اور اللہ تعالیٰ کے سامنے تسلیم محض ہونا الٰہی رنگ ہے، سابقہ آیات میں فرمایا: (قُوۡلُوۡۤا اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَ۔۔۔) اور اس آیت میں بیان ہوا ہے: (صِبۡغَۃَ اللّٰہِ)۔

آیت ۱۳۹:

اس آیت میں اہل کتاب کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ان دعوؤں سے دستبردار ہوجائیں جنہیں ثابت کرنے کے لیے ان کے پاس کوئی دلیل نہیں، وہ دعویٰ کرتے تھے: ہم اللہ تعالیٰ کے قریبی ہیں یا خدا کے بیٹے ہیں یا اللہ تعالیٰ کے محبوب ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ بنی اسرائیل خیال کرتے تھے کہ سارے انبیاء ان ہی کی نسل سے ہونے چاہیے۔ تورایت اور یہودیت کے آئین کے قدیمی ہونے کی بنا پر وہ اپنے آپ کو سب سے افضل سمجھتے اور ان کا خیال تھا کہ اللہ تعالیٰ کا لطف اور اس کی مہربانی یہودیوں کے ساتھ مخصوص ہے، اپنے ان غلط اور گمراہ کن خیالات کی بنا پر وہ مسلمانوں کے ساتھ بحث و گفتگو کیا کرتے تھے۔ تمام انسانوں کا اختیار اللہ تعالیٰ کے پاس ہے، اس کا لطف و کرم تمام انسانوں پر ہے لہذا وہ کسی بھی قوم اور نسل میں سے جسے چاہے اس پر اپنا کرم اور عنایت کرسکتا ہے:(ہُوَ رَبُّنَا وَ رَبُّکُم)۔ اللہ تعالیٰ کے قرب کا معیار و ملاک، اس کی خالصانہ عبادت اور اسے شرک سے پاک و منزہ قرار دینا ہے (نَحۡنُ لَہٗ مُخۡلِصُوۡنَ)۔

آیت ۱۴۰:

اس آیت کے مخاطب اہل کتاب ہیں اور ان سے کہا جارہا ہے کہ تم اپنے یہودی یا نصرانی ہونے پر اتنا فخر کرتے ہو کہ اپنے اس غرور و تکبر کی وجہ سے تم اللہ تعالیٰ کے بہترین اولیاء پر نہایت سنگین قسم کے الزامات اور تہمتیں لگانے سے بھی گریز نہیں کرتے ہو۔ کیا تم یہ دعویٰ کرتے ہو کہ ابراہیم، اسماعیل، اسحق، یعقوب علیہم السلام اور نسل یعقوب سے آنے والے پیغمبر یہودی یا نصرانی تھے حالانکہ وہ تورایت اور انجیل کے نازل ہونے سے پہلے تھے؟! کیا یہ ظلم نہیں ہے کہ تم حقیقت کو جاننے کے باوجود اسے چھپاتے ہو؟ اس تاریخی اور روشن حقیقت کو عام لوگوں سے چھپاتے ہو اور لوگوں کے سامنے اس بات کا اظہار کرتے ہو کہ سارے پیغمبر یہودی یا نصرانی تھے؟ بے جا تعصب بعض اوقات تاریخی اور روشن حقائق کے انکار یا ان میں تحریف کرنے کا سبب بنتا ہے (اَمۡ تَقُوۡلُوۡنَ۔۔۔)۔ سب سے بڑا ظلم، ثقافتی ظلم اور حقائق کو چھپانا ہے (وَ مَنۡ اَظۡلَمُ مِمَّنۡ کَتَمَ)۔ یہ امر ہمارے لیے خطرہ کی گھنٹی ہونی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ حقائق کو چھپانے اور ہماری طرف سے انجام دئے جانے والے ظلم سے آگاہ ہے (وَ مَا اللّٰہُ بِغَافِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُوۡنَ)۔

آیت ۱۴۱:

سعادت حاصل کرنے کے لیے گذشتگان اور آباء اجداد کی تاریخ کوئی فائدہ نہیں دیتی (لَہَا مَا کَسَبَتۡ وَ لَکُمۡ مَّا کَسَبۡتُمۡ)۔ گیرم پدر تو بود فاضل از فضل پدر، تو را چہ حاصل ’’فرض کرلیجیے کہ آپ کے والد فاضل تھے تو ان کے فضل و نیک نامی کا آپ کو کیا فائدہ ؟‘‘ ہر امت صرف اپنے اعمال کی جوابدہ ہے (لَا تُسۡـَٔلُوۡنَ عَمَّا کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 142 تا 145
۞ سَيَقُولُ ٱلسُّفَهَآءُ مِنَ ٱلنَّاسِ مَا وَلَّىٰهُمۡ عَن قِبۡلَتِهِمُ ٱلَّتِي كَانُواْ عَلَيۡهَاۚ قُل لِّلَّهِ ٱلۡمَشۡرِقُ وَٱلۡمَغۡرِبُۚ يَهۡدِي مَن يَشَآءُ إِلَىٰ صِرَٰطٖ مُّسۡتَقِيمٖ ١٤٢ وَكَذَٰلِكَ جَعَلۡنَٰكُمۡ أُمَّةٗ وَسَطٗا لِّتَكُونُواْ شُهَدَآءَ عَلَى ٱلنَّاسِ وَيَكُونَ ٱلرَّسُولُ عَلَيۡكُمۡ شَهِيدٗاۗ وَمَا جَعَلۡنَا ٱلۡقِبۡلَةَ ٱلَّتِي كُنتَ عَلَيۡهَآ إِلَّا لِنَعۡلَمَ مَن يَتَّبِعُ ٱلرَّسُولَ مِمَّن يَنقَلِبُ عَلَىٰ عَقِبَيۡهِۚ وَإِن كَانَتۡ لَكَبِيرَةً إِلَّا عَلَى ٱلَّذِينَ هَدَى ٱللَّهُۗ وَمَا كَانَ ٱللَّهُ لِيُضِيعَ إِيمَٰنَكُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ بِٱلنَّاسِ لَرَءُوفٞ رَّحِيمٞ ١٤٣ قَدۡ نَرَىٰ تَقَلُّبَ وَجۡهِكَ فِي ٱلسَّمَآءِۖ فَلَنُوَلِّيَنَّكَ قِبۡلَةٗ تَرۡضَىٰهَاۚ فَوَلِّ وَجۡهَكَ شَطۡرَ ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِۚ وَحَيۡثُ مَا كُنتُمۡ فَوَلُّواْ وُجُوهَكُمۡ شَطۡرَهُۥۗ وَإِنَّ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ لَيَعۡلَمُونَ أَنَّهُ ٱلۡحَققُّ مِن رَّبِّهِمۡۗ وَمَا ٱللَّهُ بِغَٰفِلٍ عَمَّا يَعۡمَلُونَ ١٤٤ وَلَئِنۡ أَتَيۡتَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ بِكُلِّ ءَايَةٖ مَّا تَبِعُواْ قِبۡلَتَكَۚ وَمَآ أَنتَ ببِتَابِعٖ قِبۡلَتَهُمۡۚ وَمَا بَعۡضُهُم بِتَابِعٖ قِبۡلَةَ بَعۡضٖۚ وَلَئِنِ ٱتَّببَعۡتَ أَهۡوَآءَهُم مِّنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَكَ مِنَ ٱلۡعِلۡمِ إِنَّكَ إِذٗا لَّمِنَ ٱٱلظَّٰلِمِينَ ١٤٥
ترجمہ
ناسمجھ لوگ عنقریب یہ بات کہیں گے کہ کس چیز نے مسلمانوں کا رخ بیت المقدس سے موڑ دیا ـاور کعبہ کی طرف رخ کرلیا)؟ ان سے کہہ دیں کہ مشرق اور مغرب اللہ کا ہے، وہ جسے چاہے صراط مستقیم کی ہدایت دیتا ہے۔(۱۴۲) اور اسی وجہ سے ہم نے تمہیں امت وسط قرار دیا ہے تاکہ تم لوگوں پر گواہ بنو اور پیغمبر بھی تمہارے اوپر گواہ ہوگا، جس قبلہ پر تم کچھ عرصہ پہلے تھے اسے ہم نے فقط اس لیے قبلہ بنایا تاکہ پیغمبر کی پیروی کرنے والے ان سے علیحدہ ہوجائیں جو پیغمبر کی پیروی نہیں کرتے، قبلہ کی تبدیلی ایک مشکل امر تھا سوائے ان کے واسطے جنہیں اللہ نے ہدایت دی ہے اور اللہ ہرگز ان کے ایمان کو ضائع نہیں کرے گا کیونکہ اللہ لوگوں پر مہربان اور رحیم ہے۔(۱۴۳) (اے پیغمبر!) ہم دیکھتے ہیں کہ تم وحی کے انتظار میں کس طرح آسمان کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہو، اب تجھے اس قبلہ کی جانب موڑ رہے ہیں کہ جس سے تم خوش ہو گے پس تم اپنا رخ مسجد الحرام کی جانب کرلو اور تم اے مسلمانو! جہاں بھی ہو اپنے چہرے کا رخ اس کی جانب پھر لو، وہ لوگ جن کو کتاب دی گئی ہے وہ یہ جانتے ہیں کہ یہ فرمان برحق ہے جو رب کی جانب سے صادر ہوا ہے، اللہ ان کے اعمال سے غافل نہیں ہے۔(۱۴۴) (اے پیغمبر!) اہل کتاب کے اس گروہ کے لیے جو بھی نشانی اور دلیل لے آؤ تو وہ تیرے قبلہ کی جانب رخ نہیں کریں گے اور تم بھی ان کے قبلہ کی طرف رخ کرنے والے نہیں ہو جس طرح ان سے کوئی ایک دوسرے کے قبلہ کی جانب رخ نہ کرے گا، (وحی کے ذریعہ) جو علم تم تک آچکا ہے اس کے بعد اگر تم ان کی خواہشات کی پیروی کرو گے تو بلاشک اس صورت میں ستمگروں سے ہو گے۔(۱۴۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۴۲:

بعثت کے بعد رسول اکرم ﷺ اور مسلمان تیرہ سال تک مکہ میں تھے تو کعبہ کی جانب رخ کر کے نماز نہیں پڑھتے تھے، لیکن ہجرت کے بعد جب مدینہ آگئے تو یہودیوں نے مسلمانوں پر طنز کیا اور کہنے لگے کہ مسلمان تو ہمارے قبلہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے ہیں، تمہارا تو قبلہ ہی نہیں ہے، اس طرح تم ہمارے پیچھے چل رہے ہو، تمہارا استقلال نہیں۔ پیغمبراکرمﷺ ان کے اس گستاخانہ رویہ سے رنجیدہ تھے۔ لہذا نماز پڑھتے وقت آسمان کی طرف نگاہ کرتے تھے۔ ایسا لگتا تھا کہ گویا وحی کے نزول کا انتظار کررہے ہیں تاکہ قبلہ کی تبدیلی کا فرمان آجائے۔ ایک دن پیغمبر اکرمﷺنے ظہر کی نماز کی دو رکعتیں بیت المقدس کی طرف رخ کر کے ادا کیں کہ اسی وقت جبرائیل امین کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے حکم ہوا اور اس نے اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق آنحضرتﷺ کے بازو کو پکڑا اور آپ کا رخ کعبہ کی طرف پھیر دیا۔ اس طرح پیغمبراکرمﷺنے ایک نماز کو دو قبلوں کی جانب رخ کرکے ادا کیا۔ مدینہ میں جہاں قبلہ کی تبدیلی کا حکم نازل ہوا وہاں پر مسجد بنائی گئی۔ اس کا نام مسجد قبلتین ہے۔ اس کے بعد یہودیوں نے اپنی عادت کے مطابق پھر اعتراض کرنا شروع کردیا اور جو کل تک یہ کہہ رہے تھے کہ مسلمانوں میں استقلال نہیں اور وہ ہمارے تابع ہیں۔ اب وہی لوگ کہنے لگے کہ تم نے سابقہ پیغمبروں کے قبلہ کو کیوں تبدیل کردیا؟ پیغمبراکرمﷺ کو حکم دیا گیا کہ ان کے جواب میں کہو کہ مشرق اور مغرب اللہ تعالیٰ ہی کا ہے، اللہ تعالیٰ کے لیے کوئی خاص جگہ نہیں، بیت المقدس بھی اللہ کا ہے اور کعبہ بھی اللہ کا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فرمان پر اعتراض بے وقوفی اور حماقت ہے (سَیَقُوۡلُ السُّفَہَآءُ)۔ مسلمانوں کو جھوٹے پروپیگنڈے سے اثر نہیں لینا چاہیے بلکہ خود کو مخالفین کے بے جاسوالات اور اعتراضات کا جواب دینے کے لیے آمادہ رکھیں (سَیَقُوۡلُ ۔۔۔قُلۡ)۔ سوال کرنے پر اعتراض نہیں بلکہ سوال کرنے والے کے رویہ پر اعتراض ہوتا ہے۔بعض لوگ بات سمجھنے کے لیے سوال نہیں کرتے بلکہ بات کو بگاڑنے کے لیے سوال پوچھ رہے ہوتے ہیں۔ وہ در حقیقت اشکال اور اعتراض کرنے کے لیے سوال کرتے ہیں(مَا وَلّٰىہُمۡ عَنۡ قِبۡلَتِہِمُ)۔ جگہوں کی قداست اور دنوں کا تقدس اللہ تعالیٰ کی توجہ اور عنایت پر منحصر ہے، اس کے سواء تقدس کے لیے کوئی اور حیثیت نہیں (لِلّٰہِ الۡمَشۡرِقُ وَ الۡمَغۡرِبُ)۔

آیت ۱۴۳:

عبادت کے دوران عیسائی بیت المقدس میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش کی طرف رخ کر کے کھڑے ہوتے کہ وہ ان کی رہائش گاہ کے مشرق میں واقع تھی اور یہودی بیت المقدس کی طرف رخ کر کے عبادت کرتے تھے جو ان کی رہائش گاہ کے مغرب میں تھا۔ لیکن کعبہ ان کے وسط میں واقع ہے، قرآن مجید اس موضوع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرماتا ہے: جس طرح ہم نے کعبہ کو وسط میں قرار دیا ہے اسی طرح اے مسلمانو! ہم نے تمہیں بھی امت وسط قرار دیا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: جس امت کے بعض افراد اس لائق نہیں کہ وہ دنیا میں عدالتوں میں گواہی دیں کس طرح وہ اس قابل ہوسکتے ہیں کہ قیامت کے دن تمام لوگوں پر گواہ ہوں؟ بہرحال اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں گواہ ہونے کا مقام و مرتبہ اور وہ بھی سب لوگوں پر گواہ ہونا یہ امت کے بعض افراد کے لیے ہے، سب کے لیے نہیں۔ یہاں پر یہ سوال کیا جاسکتا ہے کہ پھر اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کا نام کیوں نہیں لیا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ قرآن مجید میں امت کے حوالے سے کسی ایک فرد کا نام لے کر اسے پوری امت قرار دیا ہے گیا(اِنَّ اِبۡرٰہِیۡمَ کَانَ اُمَّۃً قَانِتًا لِّلّٰہِ)’’نحل، ۱۲۰‘‘۔ قبلہ کی تبدیلی کا فلسفہ: قبلہ کی تبدیلی کےفلسفہ بارے متعدد وجوہات بیان ہوئی ہیں۔ ان میں سے کچھ یہ ہیں: ابتدا میں مسلمانوں کو اس لیے بیت المقدس کی طرف رخ کرکے عبادت کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ یہودیوں کو اپنے ساتھ ملایا جاسکے۔لیکن جب مسلمان طاقتور ہوگئے تو پھر انہیں بیت المقدس کو اپنا قبلہ قرار دینے کی ضرورت نہ تھی۔ کچھ نے کہا ہے کہ مکہ اور وطن سے تعلق اس بات کا سبب بنا کہ بیت المقدس سے قبلہ تبدیل کر کے کعبہ کی طرف کیا جائے ۔ لیکن یہ وجوہات خیالی اور حقیقت کے خلاف ہیں۔ اس بارے حکمت کا علم اللہ تعالیٰ کو ہے۔ اس حوالے سے قرآن مجید میں واضح الفاظ میں بیان ہوا ہے کہ قبلہ کی تبدیلی مسلمانوں کی آزمائش تھی تاکہ پیغمبراکرمﷺ کے حقیقی پیروکار معلوم ہوجائیں۔ کیونکہ جن کا ایمان خالص نہیں وہ قبلہ کی تبدیلی کا حکم آتے ہی اس پر سوالات اٹھانا شروع کریں گے اور کہیں گے کہ اگر سابقہ حکم صحیح تھا تو پھر نیا فرمان کس لیے آیا؟ اور اگر سابقہ حکم درست نہ تھا تو اس کا حکم کیوں دیا گیا؟ اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کو بشارت دی ہے جو اس کے احکام کے سامنے سراپا تسلیم ہیں اور ان سے کہا ہے کہ تمہاری سابقہ عبادت جو بیت المقدس کی طرف رخ کرکے انجام پائی ہے وہ صحیح اور اللہ کے ہاں قبول ہے۔ کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق انجام دی گئی ہے۔ اس کے بعد کعبہ کی طرف رخ کر کے عبادت کرنا بھی صحیح ہو گا کہ یہ بھی اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق ہے۔ پیغمبر اور اولیاء ہمارے اعمال کے نگہبان ہیں (لِتَکُوۡنُوۡا شُہَدَآءَ عَلَی النَّاسِ وَ یَکُوۡنَ الرَّسُوۡلُ عَلَیۡکُمۡ شَہِیۡدًا)۔ انسانوں کی آزمائش اور امتحان اللہ تعالیٰ کا حتمی قانون اور سنت ہے۔ وہ بعض دفعہ قبلہ کی تبدیلی کا حکم دے کر لوگوں کا امتحان لیتا ہے (لِنَعۡلَمَ مَنۡ یَّتَّبِعُ الرَّسُوۡلَ۔۔۔)۔ دینی دستورات کی پیروی کرنا رشد و کمال کا سبب ہے اور دستورات دینی کی خلاف ورزی رجعت پسندی اور پسماندگی ہے (یَنۡقَلِبُ عَلٰی عَقِبَیۡہِ)۔ خود کو اللہ تعالیٰ کے فرمان کی پیروی کے سواء کسی اور چیز کا عادی نہ بنائیں تاکہ اگر اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی ایسا فرمان آجائے جو ہماری عادت یا مزاج کے خلاف ہو تو اس پر عمل کرنے سے گریز کرنے کے لیے بہانے تراشنے کے درپے ہونا پڑے (لِنَعۡلَمَ مَنۡ یَّتَّبِعُ الرَّسُوۡلَ مِمَّنۡ یَّنۡقَلِبُ عَلٰی عَقِبَیۡہِ)۔ عام لوگوں کے لیے تسلیم کا مقام بہت سنگین ہوتا ہے (لَکَبِیۡرَۃً) فقط وہ لوگ اس مقام کو پالیتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ کی خاص ہدایت نصیب ہوتی ہے (اِلَّا عَلَی الَّذِیۡنَ ہَدَی اللّٰہُ)۔ نئے آنے والے قوانین اور ضوابط گزرے ہوئے ادوار کو شامل نہیں ہوتے۔ اگر قبلہ کی تبدیلی کا حکم صادر ہوتا ہے تو پہلے والی نمازیں جو بیت المقدس کی جانب رخ کر کے پڑھی گئیں وہ صحیح ہیں اور نئے حکم کے مطابق آئندہ نئے قبلہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنا ہوگی (وَ مَا کَانَ اللّٰہُ لِیُضِیۡعَ اِیۡمَانَکُمۡ)۔ تمام تبدیلیاں چاہے تکوینی ہوں یا تشریعی وہ سب اللہ تعالٰی کی رحمت و مہربانی کی بنا پر صادر ہوتی ہیں (لَرَءُوۡفٌ رَّحِیۡمٌ)۔

آیت ۱۴۴:

اہل کتاب یہودیوں اور عیسائیوں نے اپنی کتابوں میں پڑھا تھا کہ پیغمبراسلامﷺ دو قبلوں کی طرف رخ کرکے نماز پڑھیں گے لیکن انہوں نے اس حقیقت کو چھپایا یا بے جا سوالات کر کے شک و شبہ پیدا کرکے تخریبی کردار ادا کررہے تھے۔ احکام اللہ تعالیٰ کی جانب سے وضع کئے جاتے ہیں، پیغمبر اپنی طرف سے کوئی دستور جاری نہیں کرتے (فَوَلُّوۡا)۔ اللہ تعالیٰ اپنے رسول کی رضا چاہتا ہے، اللہ تعالیٰ کی رضا اس کے رسول کی رضا میں ہے (قِبۡلَۃً تَرۡضٰہَا)۔ قرآن مجید نے ایسے دانشمندوں کو خبردار کیا ہے جو حقیقت جانتے ہوئے اس پر عمل نہیں کرتے (لَیَعۡلَمُوۡنَ اَنَّہُ الۡحَقُّ۔۔۔وَ مَا اللّٰہُ بِغَافِلٍ عَمَّا یَعۡمَلُوۡنَ)۔

آیت ۱۴۵:

اس آیت میں اہل کتاب کی ضد اور ان کی ہٹ دھرمی سے پردہ ہٹایا گیا ہے اور قسم اٹھا کر کہا گیا ہے کہ ان کے لیے جو بھی دلیل آجائے، معجزہ لایا جائے تو وہ اسلام نہیں لائیں گے اور اسلام کے قبلہ کی پیروی نہ کریں گے کیونکہ وہ حقیقت سے آگاہ ہیں لیکن اس کے باوجود اس کا انکار کر رہے ہیں۔ قرآن مجید میں پیغمبر کو اس لیے خبردار کیا گیا ہے تاکہ اولیاء الٰہی کے متعلق غلو سے روکا جائے اور ماضی میں بعض اولیاء کی طرف خدا ہونے کی نسبت کا سد باب کیا جاسکے جیسا کہ بعض ادیان کے پیروکاروں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو خدا کا بیٹا کہا یا بعض دیگر نے فرشتوں کواللہ تعالیٰ کی بیٹیاں کہا۔ تعصب،ضد اور ہٹ دھرمی، حق پر مبنی صحیح سوچ اور درست استدلال کے لیے رکاوٹ ہے، خود وہ بھی آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ ضد اور ہٹ دھرمی کرتے ہیں (مَا تَبِعُوۡا قِبۡلَتَکَ ۔۔۔ وَ مَا بَعۡضُہُمۡ بِتَابِعٍ قِبۡلَۃَ بَعۡضٍ)۔ مخالفین کے شور شرابا اور بے جا اعتراضات کے آگے تسلیم نہ ہوں، دشمن کو مایوس کرنے کے لیے فیصلہ کن بات کرنا لازم ہے (وَ مَاۤ اَنۡتَ بِتَابِعٍ)۔ ہدایت پانے کے لیے صرف علم کافی نہیں بلکہ حق کو قبول کرنے کا مزاج بھی لازمی ہے، جس کا مزاج حق کو تسلیم کرنے والا نہ ہو اسے فقط علم ہدایت نہیں دے سکتا، یہودیوں کے پاس آسمانی کتاب تھی لیکن ان کے بے جا تعصب کی وجہ سے اس علم نے انہیں کچھ فائدہ نہ دیا (اَہۡوَآءَہُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَکَ مِنَ الۡعِلۡمِ)۔ وہی قوانین قبول ہیں اور ان کی پیروی کی جاسکتی ہےجو نفسانی خواہشات سے بالاتر ہوں اور علم کی بنیاد پر ہوں (وَ لَئِنِ اتَّبَعۡتَ اَہۡوَآءَہُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَکَ مِنَ الۡعِلۡمِ)۔ قانون سب کے لیے یکساں ہوتا ہے، بالفرض اگر پیغمبر نفسانی خواہشات کے تابع ہوں تو ان کی بھی گرفت ہو گی (اِنَّکَ اِذًا)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 146 تا 153
ٱلَّذِينَ ءَاتَيۡنَٰهُمُ ٱلۡكِتَٰبَ يَعۡرِفُونَهُۥ كَمَا يَعۡرِفُونَ أَبۡنَآءَهُمۡۖ وَإِنَّ فَرِيقٗا مِّنۡهُمۡ لَيَكۡتُمُونَ ٱلۡحَقَّ وَهُمۡ يَعۡلَمُونَ ١٤٦ ٱلۡحَقُّ مِن رَّبِّكَ فَلَا تَكُونَنَّ مِنَ ٱلۡمُمۡتَرِينَ ١٤٧ وَلِكُلّٖ وِجۡهَةٌ هُوَ مُوَلِّيهَاۖ فَٱسۡتَبِقُواْ ٱلۡخَيۡرَٰتِۚ أَيۡنَ مَا تَكُونُواْ يَأۡتِ بِكُمُ ٱللَّهُ جَمِيعًاۚ إِنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ ١٤٨ وَمِنۡ حَيۡثُ خَرَجۡتَ فَوَلِّ وَجۡهَكَ شَطۡرَ ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِۖ وَإِنَّهُۥ لَلۡحَقُّ مِن رَّبِّكَۗ وَمَا ٱللَّهُ بِغَٰفِلٍ عَمَّا تَعۡمَلُونَ ١٤٩ وَمِنۡ حَيۡثُ خَرَجۡتَ فَوَلِّ وَجۡهَكَ شَطۡرَ ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِۚ وَحَيۡثُ مَا كُنتُمۡ فَوَلُّواْ وُجُوهَكُمۡ شَطۡرَهُۥ لِئَلَّا يَكُونَ لِلنَّاسِ عَلَيۡكُمۡ حُجَّةٌ إِلَّا ٱلَّذِينَ ظَلَمُواْ مِنۡهُمۡ فَلَا تَخۡشَوۡهُمۡ وَٱخۡشَوۡنِي وَلِأُتِمَّ نِعۡمَتِي عَلَيۡكُمۡ وَلَعَلَّكُمۡ تَهۡتَدُونَ ١٥٠ كَمَآ أَرۡسَلۡنَا فِيكُمۡ رَسُولٗا مِّنكُمۡ يَتۡلُواْ عَلَيۡكُمۡ ءَايَٰتِنَا وَيُزَكِّيكُمۡ وَيُعَلِّمُكُمُ ٱلۡكِتَٰبَ وَٱلۡحِكۡمَةَ وَيُعَلِّمُكُم مَّا لَمۡ تَكُونُواْ تَعۡلَمُونَ ١٥١ فَٱذۡكُرُونِيٓ أَذۡكُرۡكُمۡ وَٱشۡكُرُواْ لِي وَلَا تَكۡفُرُونِ ١٥٢ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱسۡتَعِينُواْ بِٱلصَّبۡرِ وَٱلصَّلَوٰةِۚ إِنَّ ٱللَّهَ مَعَ ٱلصَّٰبِرِينَ ١٥٣
ترجمہ
وہ لوگ جن کو ہم نے کتاب دی ہے وہ پیغمبر کے بارے اس طرح واقف ہیں جس طرح و ہ اپنے بیٹوں کو جانتے ہیں، ان سے ایک گروہ ایسا ہے جو حق کو جانتے ہوئے اسے چھپاتے ہیں۔(۱۴۶) حق تو ایسی چیز ہے جو تیرے رب کی طرف سے ہے لہذا اس کے بارے آپ ہر گز شک و تردید کرنے والوں سے نہ بنیں۔(۱۴۷) اور ہر امت کا قبلہ ہے جس کی سمت وہ رخ کرتے ہیں لہذا (قبلہ کے متعلق گفتگو کرنے کی بجائے) نیکیوں اور اچھے اعمال انجام دینے میں ایک دوسرے سے سبقت لو، تم جس جگہ بھی ہو اللہ تم سب کو محشر میں حاضر کرے گا، بتحقیق اللہ ہر کام پر قادر ہے۔(۱۴۸) اور جب تم (سفر کی نیت سے شہر سے) خارج ہوجاؤ تو (نماز کی حالت میں) اپنا چہرہ مسجد الحرام کی طرف پھیر دو، یہ تیرے پروردگار کی جانب سے حق پر مبنی دستور ہے اور خدا اس سے غافل نہیں جو کچھ تم انجام دیتے ہو۔(۱۴۹) اور جب تم (سفر کی نیت سے شہر سے) خارج ہوجاؤ تو (نماز کی حالت میں) اپنا چہرہ مسجد الحرام کی طرف پھیر دو اور تم بھی اے مسلمانو!جہاں پر بھی موجود ہو اپنے چہرے کو اسی طرف پھیر دو تاکہ لوگوں کے پاس تمہارے خلاف کوئی دلیل و ثبوت نہ ہو لیکن جو ستمگار اور ہٹ دھرم ضدی ہیں تم اس سے مت ڈرو، تم فقط مجھ سے ڈرو(یہ جان لو کہ قبلہ کی تبدیلی اس لیے ہوئی)تا کہ میں تم پر اپنی نعمت پوری کردوں اور یہ کہ تم ہدایت پاجاؤ۔(۱۵۰) جس طرح تمہاری ہدایت کے لیے تمہارے درمیان رسول کو بھیجا جو خود تم میں سے تھا تاکہ وہ ہماری آیات کو تمہارے لیے پڑھے اور تمہیں پاکیزہ بنائے اور تمہیں کتاب اور حکمت کی تعلیم دے اور جسے تم جان نہیں سکتے تھے وہ تمہیں تعلیم دے۔(۱۵۱) پس تم مجھے یاد کرو تاکہ میں تمہیں یاد کروں اور میرا شکر بجا لاؤ اور کفران مت کرو۔(۱۵۲) اے وہ جو ایمان لاچکے ہو! (زندگی کی مشکلات میں) صبر اور نماز سے مدد لو، بلاشک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔(۱۵۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۴۶:

قرآن مجید میں چند مرتبہ اس حقیقت کو بیان کیا گیا ہے کہ اہل کتاب اس حوالے سے کہ تورایت و انجیل میں پیغمبر اسلامﷺ کی بعثت بارے بشارتیں موجود تھیں، آپ کی آمد کے منتظر تھے۔ ان آسمانی کتابوں میں پیغمبراسلامﷺ کی خصوصیات کو اس طرح وضاحت کے ساتھ بیان کیا گیا تھا کہ ان خصوصیات کی بنا پر وہ پیغمبراسلامﷺ کی اس طرح معرفت رکھتے تھے جس طرح اپنے بیٹوں کی معرفت رکھتے تھے۔ پیغمبراسلامﷺ کی بعثت کے بعد انہوں نے حقیقت کو جان لیا تھا اور آپ کو پہچان لیا تھا کہ آپ ہی آخری نبی ہیں جن کے بارے میں سابقہ آسمانی کتابوں میں بشارت دی گئی تھی۔ اس بارے ان کو بالکل شک نہ تھا۔ اس کے باوجود ان کی ایک جماعت نے اس کا انکار کردیا اور اس حقیقت پر پردہ ڈال دیا۔ حقیقت کو جاننے کے بعد اس پر پردہ ڈالنا اور اسے چھپانا سب سے بڑا گناہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے افراد کے بارے میں فرما رہا ہے (یَلۡعَنُہُمُ اللّٰہُ وَ یَلۡعَنُہُمُ اللّٰعِنُوۡنَ)’’بقرہ، ۱۵۹‘‘اللہ، فرشتے اور انس و جن ان پر لعنت بھیجتے ہیں۔ جی ہاں! حق کو چھپانا ایسے ہے جس طرح انسان اپنے بیٹے کے بارے خبر کو چھپا دے۔ یہ کتنی بزدلی اور بری بات ہے کہ انسان دنیاوی لذتوں کی خاطر اپنے بچے کا انکار کردے اور کہے کہ یہ میرا بیٹا نہیں۔ اگر حقیقت طلبی کی چاہت موجود نہ ہو تو صرف علم کوئی فائدہ نہیں دیتا۔ اہل کتاب نے رسول اسلامﷺ کی اتنی واضح شناخت اور معرفت کے باوجود آپ کو ماننے سے انکار کردیا (یَعۡرِفُوۡنَ۔۔۔ لَیَکۡتُمُوۡنَ)۔ ہمیں اپنے دشمنوں کے بارے میں بھی انصاف سے کام لینا چاہیے، قرآن مجید نے حق چھپانے کی نسبت تمام اہل کتاب کی طرف نہیں دی بلکہ اس کی نسبت ان کے ایک گروہ کی طرف دی ہے (فَرِیۡقًا مِّنۡہُمۡ لَیَکۡتُمُوۡنَ)۔

آیت ۱۴۷:

حق تو وہی ہے جو لا محدود علم کے سرچشمہ سے صادر ہوا ہے (اَلۡحَقُّ مِنۡ رَّبِّکَ)۔ جوالٰہی دستورات وحی الٰہی یا احادیث سے ثابت ہوں، ان میں انکار کی گنجائش نہیں ہے (فَلَا تَکُوۡنَنَّ مِنَ الۡمُمۡتَرِیۡنَ)۔

آیت ۱۴۸:

خیر کے کاموں میں سبقت لینا ان کی قدر کو بڑھا دیتا ہے۔ قرآن مجید میں خیر کے کاموں کے لیے (سَاٰرِعُوٓا)،(سَاٰبِقُوٓا)اور(فَاسْتَبِقُوا)کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں اور اشیاء کی تعریف میں (یُسٰارِعُوۡنَ فِی الۡخَیۡرٰتِ)’’انبیاء ۹۰‘‘ کی تعبیر استعمال ہوئی ہے، یعنی وہ نیکی کے کاموں میں تیزی دکھاتے ہیں، جلد کرتے ہیں۔ ہر ایک کے لیے قبلہ تھا، قبلہ کا عنوان فقط مسلمانوں سے مخصوص نہیں (وَ لِکُلٍّ وِّجۡہَۃٌ)۔ بے ہودہ گفتگو پر توجہ نہ دیں، تمہای پوری توجہ خیر کے کام کرنے پر ہو (فَاسۡتَبِقُوا الۡخَیۡرٰتِ)۔ مادی امور میں سبقت اور پیش قدمی کی بجائے خیر کے کاموں میں ایک دوسرے پر سبقت لے جاؤ (فَاسۡتَبِقُوا الۡخَیۡرٰتِ)۔

آیت ۱۴۹:

اس آیت سے پہلی والی آیات میں مدینہ شہر والوں کو حکم دیا گیا کہ وہ مسجد الحرام کی سمت رخ کرکے عبادت کریں لیکن اس آیت میں بیان ہوا ہے کہ سفر کے دوران بھی مسجدالحرام کی جانب رخ کرکے نماز پڑھا کرو۔

آیت ۱۵۰:

اس آیت میں مسجدالحرام کی جانب رخ کرکے نماز پڑھنے کا حکم دینے کے بعد بتایا گیا ہےکہ یہ اس وجہ سے ہے کہ پیغمبراکرمﷺ اور مسلمانوں کے خلاف کوئی اعتراض کی زبان نہ کھول سکے۔ ان کے پاس پیغمبراسلامﷺ اور مسلمانوں کے خلاف بات کرنے کا کوئی بہانہ نہ ہو کیونکہ اہل کتاب جانتے تھے کہ پیغمبر اسلامﷺ دو قبلوں کی جانب رخ کر کے نماز پڑھیں گے اور اگر وہ ایسا نہ کرتے تو یہ اعتراض کرتے کہ اے مسلمانو! تمہارے پیغمبر میں وہ اوصاف موجود نہیں جو سابقہ آسمانی کتابوں میں بیان ہوئے ہیں۔ مشرکین بھی کہتے کہ اگر محمدﷺ کی ابراہیمی دین پر توجہ ہے تو وہ حضر ت ابراہیم علیہ السلام نے جو گھر تعمیر کیا تھا اس کی جانب رخ کر کے نماز کیوں نہیں پڑھتے؟ دو ہجری میں قبلہ کی تبدیلی کا فرمان دینے کے بعد اللہ تعالیٰ نے فرمایا: قبلہ کی تبدیلی کے بعد مستقبل میں اللہ تعالیٰ تمہارے لیے اپنی نعمت کو پورا کردے گا۔ آٹھ ہجری میں فتح مکہ کی مناسبت سے قرآن مجید نے فرمایا:(وَ یُتِمَّ نِعۡمَتَہٗ عَلَیۡکَ)’’فتح، ۲‘‘ اللہ مستقبل میں تمہارے اوپر نعمت کو پورا کردے گا۔ جب رسول اللہﷺ نے حجۃ الوداع سے واپسی پر غدیر خم کے مقام پر اپنے بعد معصوم رہبر کا اعلان کیا تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (اَلۡیَوۡمَ اَکۡمَلۡتُ لَکُمۡ دِیۡنَکُمۡ وَ اَتۡمَمۡتُ عَلَیۡکُمۡ نِعۡمَتِیۡ)’’مائدہ ،۳‘‘، آج میں نے اپنی نعمت تمہارے اوپر پوری کردی ہے۔ یہ سب قابل غور اور توجہ طلب ہے۔ قبلہ کے طور پر مسجد الحرام کی طرف لوگوں کے رخ کرنے کو اتمام نعمت کے لیے پہلا قدم قرار دیا اور فتح مکہ کو دوسرے قدم کے طور پر اور غدیر خم میں معصوم رہبر کا تعارف کرانے پر اتمام نعمت کو بیان کیا گیا اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: آج میں نے تم پراپنی نعمت کو پورا کردیا ہے۔ اس کے بعد فرمایا کہ اب تم مخالفین سے مت ڈرو (فَلَا تَخۡشَوۡہُمۡ وَ اخۡشَوۡنِیۡ) کیونکہ یہ احتمال ہے کہ وہ تمہارا مقابلہ کرنے وہ بہانے بنائیں گے اور جھوٹا پروپیگنڈہ کریں گے۔ پیغمبر اکرمﷺ نے حضرت علی علیہ السلام سے فرمایا: (فَانَّمَا مَثَلُکَ فِي الْأُمَّةِ كَمَثَلِ الْكَعْبَةِ نَصَبَھَا اللہُ لِلنَّاسِ عَلَماً ) امت کے درمیان تمہاری مثال کعبہ کی سی ہے، اللہ نے کعبہ کو واضح اور روشن پرچم قرار دیا ہے تاکہ لوگ اپنی سمت اور جہت کو گم نہ کر بیٹھیں، اسی طرح امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: (نَحْنُ كَعْبَةُ اللہِ وَ نَحْنُ قِبْلَةُ اللہ )ہم لوگوں کے درمیان کعبہ اور اللہ تعالیٰ کا قبلہ ہیں۔ مسلمانوں کو ایسا کام انجام دینے سے پرہیز کرنا چاہیے جو ان پر دشمن کی طرف سے اعتراض کرنے کاموقع فراہم کرے (لِئَلَّا یَکُوۡنَ لِلنَّاسِ عَلَیۡکُمۡ حُجَّۃٌ)۔ دوسروں کی بالا دستی کی نفی کرنا اور اپنے لیے استقلال حاصل کرنا ایک قدر و شان ہے (لِئَلَّا یَکُوۡنَ لِلنَّاسِ عَلَیۡکُمۡ حُجَّۃٌ)۔ بیرونی دشمن مسلمانوں کے لیے بڑا خطرہ نہیں، اصل خطرہ انسان کا بے تقویٰ ہونا ہے(فَلَا تَخۡشَوۡہُمۡ وَ اخۡشَوۡنِیۡ)۔ قبلہ کا متعین ہونا اور مسجدالحرام کی جانب رخ کرکے نماز پڑھنا مومنوں کے لیے ہدایت کا سامان ہے (لَعَلَّکُمۡ تَہۡتَدُوۡنَ)۔

آیت ۱۵۱:

پیغمبراسلامﷺ کی بعثت حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا کا اثر ہے کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے یہ دعا کی تھی (وَ ابۡعَثۡ فِیۡہِمۡ رَسُوۡلًا مِّنۡہُمۡ یَتۡلُوۡا عَلَیۡہِمۡ اٰیٰتِکَ)’’بقرہ، ۱۲۹‘‘ اے اللہ! ان کے درمیان پیغمبر کو مبعوث فرما کہ وہ تیری آیات کو پڑھے۔ خود حضوراکرمﷺ نے بھی فرمایا: (أَنَا دَعْوَةُ أَبِي إِبْرَاهِيمَ عَلَيْهِ السَّلاَمُ) میں اپنے باپ ابراہیم علیہ السلام کی دعا کااثر ہوں۔ وہی رہبر کامیاب ہے جو لوگوں سے ہو اور لوگوں کی زبان میں بات کرے (اَرۡسَلۡنَا فِیۡکُمۡ رَسُوۡلًا مِّنۡکُمۡ)۔ تذکیہ تعلیم پر مقدم ہے (یُزَکِّیۡکُمۡ وَ یُعَلِّمُکُمُ)۔ سارے حقائق کی معرفت حاصل کرنے کے لیے انسان وحی کا محتاج ہے (ما لا تعلموۡن)کی بجائے فرمایا: (مَا لَمۡ تَکُوۡنُوۡا تَعۡلَمُوۡنَ) کہ انبیاء نہ ہوتے تو انسان کے لیے اپنے مستقبل اور پوری جہان کے بارے کچھ بھی معلوم کرنے کا ذریعہ نہ ہوتا۔

آیت ۱۵۲:

اللہ تعالیٰ نے سورہ بقرہ کی آیات’’۴۰۔ ۴۷۔۱۲۲‘‘ میں فرمایا:(اذۡکُرُوۡا نِعۡمَتِیَ)میری نعمتوں کو یاد کرو، لیکن اس آیت میں فرمایا: (فَاذۡکُرُوۡنِیۡۤ) تم مجھے یاد کرو، میرا ذکر کرو۔ یہ لوگوں کی معرفت اور آگہی کے درجات و مراتب کے حوالے سے ہے۔ یہ آیت بندوں پر اللہ تعالیٰ کے لا محدود لطف و کرم کو بیان کررہی ہے۔ انسان کی خصوصیات میں سے اس کا فقیر، محتاج اور فانی ہونا ہے۔ کس قدر اس پر اللہ تعالیٰ کا لطف و کرم ہے کہ جو غنی، بے نیاز اور باقی ہے وہ فرماتا ہے کہ اے انسان! تو مجھے یاد کر، میں تجھے یاد کروں گا۔ کیا ایسا نہیں کہ ہمارا اللہ تعالٰی کو یاد کرنا خود اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی توفیق کا نتیجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو یاد کرنا، اس کے ساتھ محبت اور اس کا شکر بجالانے کی علامت ہے اور اللہ تعالیٰ کی بے انتہا قدرت کو یاد کرنا اس پر توکل کرنے کی نشانی ہے؛ اللہ تعالٰی کے علم کو یاد کرنا، حیا ا ور تقویٰ کی ر نشانی ہے، اللہ تعالیٰ کی عدالت کی یاد، اس سے خوف کھانے کی نشانی ہے، اللہ تعالیٰ کی امداد کو یاد کرنا امید کی نشانی ہے۔ اللہ تعالیٰ انسان کو شخصیت دیتا ہے کہ وہ فرماتا ہے: میری یاد میں رہو تاکہ میں تمہیں یاد کروں (فَاذۡکُرُوۡنِیۡۤ اَذۡکُرۡکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کی یاد سے اس کا شکر اور قدردانی کرنے کی راہ ہموار ہوجاتی ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کی یاد سے غفلت کفران نعمت کا سبب ہے (اذۡکُرُوۡنِیۡۤ،وَ اشۡکُرُوۡا لِیۡ وَ لَا تَکۡفُرُوۡنِ)۔

آیت ۱۵۳:

اللہ تعالیٰ کے اس کلام کے مانند اسی سورہ کی آیت ۴۵ میں ہم نے پڑھا کہ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل سے فرمایا: نامناسب حالات اور مشکلات میں صبر اور نماز سے مدد حاصل کرو۔ اس آیت میں مسلمانوں کو دستور دیا ہے کہ زندگی کی مشکلات اور سختیوں میں صبر اور نماز سے مدد لو۔ نعمت ملنے کی حالت میں انسان پہلی آیت پر عمل کرے (اذۡکُرُوۡنِیۡۤ،وَ اشۡکُرُوۡا لِیۡ)اور سختی اور مشکل کے وقت اس آیت پر عمل کرے (اسۡتَعِیۡنُوۡا بِالصَّبۡرِ )۔ نماز مدد لینے کا وسیلہ ہے، بوجھ نہیں (اسۡتَعِیۡنُوۡا بِالصَّبۡرِ وَ الصَّلٰوۃِ )۔ اگرچہ اللہ تعالیٰ سب کے ہمراہ اور ہر جگہ موجود ہے (ہُوَ مَعَکُمۡ اَیۡنَ مَا کُنۡتُمۡ)’’حدید،۴‘‘لیکن اللہ تعالیٰ کا صابروں کے ساتھ ہونے سے مراد صبر کرنےوالوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے مدد ہے (اِنَّ اللّٰہَ مَعَ الصّٰبِرِیۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 154 تا 163
وَلَا تَقُولُواْ لِمَن يُقۡتَلُ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ أَمۡوَٰتُۢۚ بَلۡ أَحۡيَآءٞ وَلَٰكِن لَّا تَشۡعُرُونَ ١٥٤ وَلَنَبۡلُوَنَّكُم بِشَيۡءٖ مِّنَ ٱلۡخَوۡفِ وَٱلۡجُوعِ وَنَقۡصٖ مِّنَ ٱلۡأَمۡوَٰلِ وَٱلۡأَنفُسِ وَٱلثَّمَرَٰتِۗ وَبَشِّرِ ٱلصَّٰبِرِينَ ١٥٥ ٱلَّذِينَ إِذَآ أَصَٰبَتۡهُم مُّصِيبَةٞ قَالُوٓاْ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّآ إِلَيۡهِ رَٰجِعُونَ ١٥٦ أُوْلَٰٓئِكَ عَلَيۡهِمۡ صَلَوَٰتٞ مِّن رَّبِّهِمۡ وَرَحۡمَةٞۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡمُهۡتَدُونَ ١٥٧ ۞ إِنَّ ٱلصَّفَا وَٱلۡمَرۡوَةَ مِن شَعَآئِرِ ٱللَّهِۖ فَمَنۡ حَجَّ ٱلۡبَيۡتَ أَوِ ٱعۡتَمَرَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِ أَن يَطَّوَّفَ بِهِمَاۚ وَمَن تَطَوَّعَ خَيۡرٗا فَإِنَّ ٱللَّهَ شَاكِرٌ عَلِيمٌ ١٥٨ إِنَّ ٱلَّذِينَ يَكۡتُمُونَ مَآ أَنزَلۡنَا مِنَ ٱلۡبَيِّنَٰتِ وَٱلۡهُدَىٰ مِنۢ بَعۡدِ مَا بَيَّنَّٰهُ لِلنَّاسِ فِي ٱلۡكِتَٰبِ أُوْلَٰٓئِكَ يَلۡعَنُهُمُ ٱللَّهُ وَيَلۡعَنُهُمُ ٱللَّٰعِنُونَ ١٥٩ إِلَّا ٱلَّذِينَ تَابُواْ وَأَصۡلَحُواْ وَبَيَّنُواْ فَأُوْلَٰٓئِكَ أَتُوبُ عَلَيۡهِمۡ وَأَنَا ٱلتَّوَّابُ ٱلرَّحِيمُ ١٦٠ إِنَّ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ وَمَاتُواْ وَهُمۡ كُفَّارٌ أُوْلَٰٓئِكَ عَلَيۡهِمۡ لَعۡنَةُ ٱللَّهِ وَٱلۡمَلَٰٓئِكَةِ وَٱلنَّاسِ أَجۡمَعِينَ ١٦١ خَٰلِدِينَ فِيهَا لَا يُخَفَّفُ عَنۡهُمُ ٱلۡعَذَابُ وَلَا هُمۡ يُنظَرُونَ ١٦٢ وَإِلَٰهُكُمۡ إِلَٰهٞ وَٰحِدٞۖ لَّآ إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ٱلرَّحۡمَٰنُ ٱلرَّحِيمُ ١٦٣
ترجمہ
وہ لوگ جو راہ خدا میں قتل کردیے جاتے ہیں، تم انہیں مردہ مت کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کو سمجھتے نہیں ہو۔(۱۵۴) یقینی طور پر ہم تمہیں ڈر و خوف، بھوک و افلاس، مالی نقصان، جانی نقصان اور فصلوں کی کمی سے آزمائیں گے، ان (مشکلات پر) صبر کرنے والوں کو بشارت دو۔(۱۵۵) وہ لوگ کہ جب ان پر مصیبت آتی ہے تو وہ کہتے ہیں: ہم اللہ کی جانب سے آئے ہیں اور اللہ کی طرف ہم نے پلٹ کر جانا ہے۔(۱۵۶) ایسے افراد پر ان کے رب کی جانب سے صلوات اور رحمت ہے اور یہی افراد ہدایت یافتہ ہیں۔(۱۵۷) بتحقیق صفا و مروہ(پہاڑیاں) اللہ کے شعائر سے ہیں، لہذا جو شخص اللہ کے گھر کا حج کرے یا عمرہ بجالائے تو اس کے لیے کوئی حرج نہیں کہ وہ صفا و مروہ کے درمیان سعی کرے(واجبات کی ادائیگی کے علاوہ) اگر کوئی رضاکارانہ طور پر اچھائی کا کام کرے تو بلاشک اللہ قدردان اور آگاہ ہے۔(۱۵۸) وہ لوگ جو واضح دلائل اور روشن رہنمائیاں جو ہم نے نازل کی ہیں باوجود اس کے کہ ہم نے آسمانی کتابوں میں لوگوں کے لیے نشانیاں بیان کردی ہیں وہ اسے چھپائیں تو اللہ ایسے افراد پر کرتا ہے اور سب لعنت کرنے والے بھی ان پر لعنت کرتے ہیں۔(۱۵۹) مگر وہ جنہوں نے توبہ کر لی اور نیک اعمال بجا لاکر اپنے برے اعمال کی اصلاح کرلی اور جو کچھ انہوں نے چھپایا تھا اسے آشکار کر لیا تو میں اپنا لطف و کرم ان پر پلٹا دوں گا کیونکہ میں تو توبہ قبول کرنے والا مہربان ہوں۔(۱۶۰) جو لوگ کافر ہوگئے اور کفر کی حالت میں دنیا سے چلے گئے، ان پر اللہ، فرشتوں اور لوگوں کی لعنت جاری رہے گی۔(۱۶۱) وہ ہمیشہ اس لعنت کے دائرہ میں ( رب کی رحمت سے دور) رہیں گے، ان کے عذاب سے کچھ کم نہ ہوگا اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی مہلت دی جائےگی۔(۱۶۲) اورتمہارا معبود ایک ہی ہےاس کے سواء کوئی لائق عبادت نہیں ہے، وہ یکتا معبود ہے، وہ بہت بخشنے والا اور بہت ہی مہربان ہے۔(۱۶۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۵۴:

جنگ بدر میں چودہ مسلمان شہید ہوئے۔ ان شہداء کے بارے میں کچھ لوگوں نے جب یہ کہا کہ یہ تو مرگئے تو اس آیت میں ایسی سوچ سے روکا گیا ہے۔ کیونکہ نہ فقط شہداء کا نام زندہ ہے بلکہ ان کے لیے حقیقی برزخی حیات ہے جہاں وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کے سایہ تلے خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کی خصوصیات سورہ آل عمران آیت ۱۶۸ سے ۱۷۰ میں بیان ہوئی ہیں۔ محدود مادی سوچ کو اللہ تعالیٰ اور قیامت پر ایمان لانے کے ذریعہ درست کیا جائے (لَا تَقُوۡلُوۡا)۔ سخت قسم کی مشکلات کے لیے عقیدتی سہارے کی ضرورت ہے، جی ہاں! جو شخص یہ جانتا ہو کہ وہ موت کے بعد بھی زندہ رہے گا تو اس میں شہادت کا جذبہ اور شوق پیدا ہوگا(لَا تَقُوۡلُوۡا۔۔اَمۡوَاتٌ ؕ بَلۡ اَحۡیَآءٌ)۔ دین کی راہ میں جنگ کرنے کی بڑی اہمیت ہے اور یہ قابل قدر عمل ہے (یُقۡتَلُ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ بہت سارے تبصروں اور تجزیوں میں غلطی کا سبب حقائق سے آگاہ نہ ہونا ہے (لَا تَقُوۡلُوۡا ۔۔۔لَا تَشۡعُرُوۡنَ)۔

آیت ۱۵۵:

اللہ تعالیٰ تمام انسانوں کا امتحان لیتا ہے۔یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ انبیاء اور رسولوں کا بھی امتحان لیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے امتحان معرفت اور آگہی حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ انسانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں نکھارنے کے لیے لیے۔ یعنی الٰہی امتحان اور آزمائش اس لیے نہیں کہ اللہ تعالیٰ اس شخص کے بارے میں جاننا چاہتا ہو کہ اس کا ایمان اور عقیدہ کیسا ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ انسانوں کے معنوی مقامات کو بڑھانے اور ان میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان میں نکھار پیدا کرنے کے لیے ان سے امتحان لیتا ہے۔ الٰہی آزمائش کے وسائل ہر قسم کے ہوتے ہیں، بھوک، افلاس، ڈر خوف، مالی بحران،جانی و مالی نقصان،فصلوں کا کم ہوجانا، بازار میں مندی، دشمن کا خوف،معاشی محاصرہ، سوشل بائیکاٹ، جنگ، فتنہ و فساد اور اپنے پیاروں کو دشمن کے مقابلہ کے لیے روانہ کرنا یہ سب الٰہی امتحانات ہیں۔ الٰہی امتحانات اور آزمائشوں میں چند امور کامیابی کا باعث بن سکتے ہیں: ۱۔ صبر اور ثابت قدمی، کہ مشکلات جلد ختم ہوجائیں گی، ماضی میں جو لوگ گزرے انہیں بھی اس قسم کی مشکلات کا سامنا رہا لیکن آخر کار ان ہی کا نام اور کام باقی رہا۔ ۲۔ یہ کہ ہمارے صبر کو اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے۔ جب امام حسین علیہ السلام کے ہاتھوں میں آپ کے شیر خوار بچے کو تیر لگا تو آپ نے فرمایا: (هَوَّنَ عَلَيَّ مَا نَزَل بِی اِنَّہُ بِعَیْنِ اللہ)اس سخت سانحہ اور مصیبت کو برداشت کرنا میرے لیے اس لیے آسان ہے کیونکہ اسے اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے۔ انسانوں کا امتحان اور آزمائش اللہ تعالیٰ کا ایک حتمی اور دائمی قانون ہے (وَ لَنَبۡلُوَنَّکُمۡ)۔ مصائب اور مشکلات رشد اور ارتقاء کا سبب ہیں، رضا، تسلیم، تقویٰ، بردباری، قربانی، صبر جیسے بہت سارے کمالات سختیوں اور مشکلات کے سایہ تلے حاصل ہوتے ہیں (وَ بَشِّرِ الصّٰبِرِیۡنَ)۔

آیت ۱۵۶:

صابر مایوس نہیں ہوتے اور دوسروں کی پناہ میں جانے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آتے ہیں کیونکہ ان کی نظر میں پوری کائنات سبق لینے کی کلاس اور امتحان و آزمائش کا میدان ہے تاکہ اس طرح ان کی ارتقاء ہو جائے۔ دنیا ٹھہرنے کی جگہ نہیں، عیش و آرام کرنے کی جگہ نہیں، انسان کو پیش آنے والے مصائب و مشکلات انسانوں سے اللہ تعالیٰ کی بے توجہی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کو اپنے بندوں سے پیار ہے، وہ اس لیے مصائب او رمشکلات دیتا ہے تاکہ ہمارے پاؤں کے نیچے انگارے پڑے ہوں کہ ہم اس راستہ سے دوڑ کر گزریں، تیز چلیں؛ اگر انسان کے اندر یہ سوچ آجائے تو تلخیاں اور مشکلات کو سہنا آسان ہوگا کیونکہ اس وجہ سے صلاحیتیں آشکار ہوجاتی ہیں اور الٰہی ثوابات کی صورت میں کامیابی ملتی ہے۔ حدیث میں ہے: جب بھی تمہیں کسی مصیبت یا مشکل کا سامنا ہو تو یہ جملہ کہا کرو (اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ)۔ مصائب و مشکلات کے حوالے سے لوگوں کی چند قسمیں ہیں: الف: ایک گروہ وہ ہے جو مصائب آنے اور مشکلات سے دوچار ہونے پر شور و غوغا کرتا ہے، پریشانی کا اظہار کرتا ہے (اِذَا مَسَّہُ الشَّرُّ جَزُوۡعًا)’’معارج، ۲۰‘‘ ب: ایک گروہ وہ ہے جو ایسے موقعوں پر صبر کرتا ہے، بردباری سے مشکلات کا سامنا کرتا ہے (وَ بَشِّرِ الصّٰبِرِیۡنَ)۔ ج: ایک گروہ وہ ہے جو مصائب و مشکلات آنے پر شاکر ہوتا ہے ( حَمدَ الشَّاکِرِینَ لَک عَلَی مُصَابِہِم)۔ جس طرح ایک بچہ پیاز کھانے پر بے چینی کا اظہار کرتا ہے جبکہ نوجوان پیاز کی کڑواہٹ کو برداشت کرتا ہے، شور نہیں مچاتا لیکن جو بڑی عمر کے ہیں وہ پیاز خرید کر اسے کھاتے ہیں۔ صبر کی بنیاد اللہ تعالیٰ اور معاد پر ایمان اور ثواب وصول کرنے کی امید ہے(الصّٰابِرِیۡنَ۔۔۔ قَالُوۡۤا اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ)۔

آیت ۱۵۷:

’’صلوات‘‘صلو سے ہے جس کا معنی نعمت میں وارد ہونا اور رحمت میں داخل ہونا ہے۔ یہ لفظ ’’صلی‘‘ کا الٹ ہے جو قہر و غضب میں وارد ہونے کے معنی میں ہے جیسے سورہ غاشیہ آیت ۴ میں ہے (تَصۡلٰی نَارًا حَامِیَۃً)۔ مشکلات اور مصائب میں صبر کرنے والے مومنین پر خود اللہ تعالیٰ صلوات بھیجتا ہے (صَلَوٰتٌ مِّنۡ رَّبِّہِمۡ) لیکن زکات دینے والے مومنین کے متعلق اللہ تعالیٰ اپنے پیغمبرﷺ کو حکم دیتا ہے کہ وہ ان پر صلوات پڑھیں (صَلِّ عَلَیْہِمۡ) ’’توبہ، ۱۰۳‘‘۔ صابروں پر اللہ تعالیٰ کی صلوات میں یہ تعلیم دی جا رہی ہے کہ اللہ کی راہ میں قربانی دینے والے مجاہدین کا خاص احترام اور مقام ہے، وہ باکرامت اور باوقار ہیں (عَلَیۡہِمۡ صَلَوٰتٌ مِّنۡ رَّبِّہِمۡ)۔ ہدایت کے مختلف مراحل اور مقامات ہیں۔ہدایت یافتہ مومنین ہدایت کے بلند ترین مقام و مرتبہ پر ہیں، وہ صبر کرنے اور صلوات الٰہی وصول کرنے کے بعد اس مقام پر پہنچے ہیں (اُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡمُہۡتَدُوۡنَ)۔

آیت ۱۵۸:

(شَعَآئِر) شعیرہ کی جمع ہے، یہ لفظ ان نشانیوں پر بولا جاتا ہے جو خاص اعمال پر بولی جاتی ہیں۔ ان علامات کو ’’شعائر اللہ‘‘ کہا جاتا ہے جو اللہ تعالٰی کی عبادت کے لیے قرار دی جاتی ہیں۔ شعائر یعنی، علامتیں اور نشانیاں۔ جب کسی جگہ کے متعلق شعائر کی تعبیر استعمال ہوتی ہے تو اس کا معنی یہ ہو گاکہ یہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کی جگہ ہے۔ صفا و مروہ دو پہاڑیاں ہیں جو مسجد الحرام کی ایک جانب میں موجود ہیں۔ ان دونوں کے درمیان ۴۲۸ میٹر کا فاصلہ ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔ اس وقت ان کے درمیان ایسا راستہ بنایا گیا ہے جس کے اوپر چھت ڈالی گئی ہے۔ کعبۃ اللہ کے زائرین پر فرض ہے کہ وہ ان دو پہاڑیوں کے درمیان سات چکر لگائیں۔ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بیوی جناب ہاجرہ کی یاد دلانے کے لیے ہے جس نے اپنے دودھ پینے والے بچے اسماعیل علیہ السلام کے لیے ایک گھونٹ پانی کی تلاش میں ان دو پہاڑیوں کے درمیان سات چکر لگائے۔ زمانہ جاہلیت میں مشرکین نے صفا و مروہ کی پہاڑیوں پر بت رکھ دئے تھے۔ وہ ان دو پہاڑیوں کے درمیان چکر لگاتے وقت ان بتوں کو چھومتے تھے’’برکت کے لیے مسح کرتے تھے‘‘۔ اسی وجہ سے مسلمان ان پہاڑیوں کے درمیان سعی کرنے کو پسند نہیں کرتے تھے اور ان کا خیال تھا کہ ماضی میں ان دو پہاڑیوں پر بتوں کو رکھنے کی وجہ سے ان کے درمیان سعی نہ کی جائے۔ اسی حوالے سے یہ آیت نازل ہوئی اور بتایا گیا کہ صفا و مروہ شعائر الٰہی ہیں۔ اگر جاہل اور کم علم لوگوں نے ان مقدس جگہوں کو آلودہ کیا تھا تو یہ اس بات کی دلیل نہیں کہ مسلمان ان کے درمیان سعی کرنے کو چھوڑ دیں۔ بعض جگہوں پر اللہ تعالیٰ کی خاص توجہ اور عنایت اس بات کا سبب بنتا ہے کہ وہ جگہیں الٰہی شعائر قرار پائیں (اِنَّ الصَّفَا وَ الۡمَرۡوَۃَ مِنۡ شَعَآئِرِ اللّٰہِ)۔ اگر حق کے مراکز آلودہ کئے جائیں تو اس وجہ سے انہیں چھوڑنا ٹھیک نہیں بلکہ ان جگہوں پر حاضرہو کر انہیں پاک کیا جائے اور منحرف جماعت کی ان تک رسائی کو روکا جائے (فَلَا جُنَاحَ عَلَیۡہِ اَنۡ یَّطَّوَّفَ بِہِمَا)۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی عبادتوں کا قدردان اور شاکر ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ شَاکِرٌ عَلِیۡمٌ) یہ تعبیر اللہ تعالیٰ کی طرف سے بندوں پر بہت بڑا لطف و کرم ہے۔

آیت ۱۵۹:

اگرچہ یہ آیت یہود و نصاریٰ کے متعلق ہے کہ وہ تورایت اور انجیل میں موجود حقائق کو بیان نہیں کرتے (یَکۡتُمُوۡنَ) لیکن یہ جملہ ان تمام لوگوں کو شامل ہے جو حقائق کو جانتے ہوئے انہیں چھپاتے ہیں اور انہیں آگے بیان نہیں کرتے۔ یہ سلسلہ پوری تاریخ کو شامل ہے اور اِس وقت بھی ہر اس شخص کو شامل ہے جو حق پر پردہ ڈالتا ہے اور حق کو بیان نہیں کرتا۔ ثقافتی اور تعلیمی ظلم بدترین ظلم ہے، اس پر خالق کی لعنت ہے اور مخلوق کی بھی لعنت ہے (یَکۡتُمُوۡنَ ۔۔۔ یَلۡعَنُہُمُ اللّٰہُ وَ یَلۡعَنُہُمُ اللّٰعِنُوۡنَ)۔ حق کو چھپانا اللہ تعالیٰ کے دین بارے ظلم ہے۔ یہ لوگوں کاحق ہے کہ وہ ہدایت پائیں، اسی وجہ سے حق چھپانے والے پر اللہ تعالیٰ اور بندوں کی لعنت ہے کہ اس وجہ سے بندے ہدایت سے محروم ہوگئے (یَلۡعَنُہُمُ اللّٰہُ وَ یَلۡعَنُہُمُ اللّٰعِنُوۡنَ)۔

آیت ۱۶۰:

حقیقی توبہ دل سے پشیمانی اور عمل کی اصلاح اور جو کچھ گزر چکا اس کی تلافی کرنا ہے۔ جس نے نماز نہیں پڑھی اس کی توبہ یہ ہے کہ دل سے پشیمان ہو اور جو نمازیں نہیں پڑھی اسے ادا کرے۔ جس نے لوگوں کا مال لوٹا ہے اس کی توبہ یہ ہے کہ وہ دل سے پشیمان ہو اور لوٹا ہوا مال مالک کو واپس لوٹائے۔ جس نے حقائق پر پردہ ڈال کر آنے والی نسلوں کی فکر و سوچ کے ساتھ خیانت کی ہے وہ حقائق کو بیان کرکے ماضی کی تلافی کر سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے گنہگاروں کے لیے توبہ کا راستہ کھلا رکھا ہوا ہے(یَلۡعَنُہُمُ اللّٰہُ ۔۔۔اِلَّا الَّذِیۡنَ تَابُوۡا)۔ توبہ کرنے والوں پر اللہ تعالیٰ کا لطف و کرم اور اس کی دائمی رحمت ہے اور اس میں محبت بھی ساتھ ہے (اَتُوۡبُ عَلَیۡہِمۡ ۚ وَ اَنَا التَّوَّابُ الرَّحِیۡمُ)۔

آیات ۱۶۱ ۔ ۱۶۳:

آیت ۱۶۱میں فرمایا: اگر حقائق چھپانے والے کفر کی حالت میں مرجائیں تو ان پر اللہ تعالیٰ اور لعنت کرنے والوں کی لعنت ہے، لوگ ان کا گریبان پکڑیں گے اور انہیں چھوڑیں گے نہیں! کفر پر باقی رہنا اور اسی حالت پر مرنا اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ہمیشہ دوری کا سبب ہے (مَاتُوۡا وَ ہُمۡ کُفَّارٌ ۔۔۔ عَلَیۡہِمۡ لَعۡنَۃُ اللّٰہِ)۔ انسان کا انجام اور اس کی عاقبت اہمیت رکھتی ہے کہ وہ ایمان کی حالت میں مرا ہے یا کفر کی حالت میں مرا ہے (مَاتُوۡا وَ ہُمۡ کُفَّارٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 164 تا 169
إِنَّ فِي خَلۡقِ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ وَٱخۡتِلَٰفِ ٱلَّيۡلِ وَٱلنَّهَارِ وَٱلۡفُلۡكِ ٱلَّتِي تَجۡرِي فِي ٱلۡبَحۡرِ بِمَا يَنفَعُ ٱلنَّاسَ وَمَآ أَنزَلَ ٱللَّهُ مِنَ ٱلسَّمَآءِ مِن مَّآءٖ فَأَحۡيَا بِهِ ٱلۡأَرۡضَ بَعۡدَ مَوۡتِهَا وَبَثَّ فِيهَا مِن كُلِّ دَآبَّةٖ وَتَصۡرِيفِ ٱلرِّيَٰحِ وَٱلسَّحَابِ ٱٱلۡمُسَخَّرِ بَيۡنَ ٱلسَّمَآءِ وَٱلۡأَرۡضِ لَأٓيَٰتٖ لِّقَوۡمٖ يَعۡقِلُونَ ١٦٤ وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يَتَّخِذُ مِن دُونِ ٱللَّهِ أَندَادٗا يُحِبُّونَهُمۡ كَحُبِّ ٱللَّهِۖ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ أَشَدُّ حُبّٗا لِّلَّهِۗ وَلَوۡ يَرَى ٱلَّذِينَ ظَلَمُوٓاْ إِذۡ يَرَوۡنَ ٱلۡعَذَابَ أَنَّ ٱلۡقُوَّةَ لِلَّهِ جَمِيعٗا وَأَنَّ ٱلللَّهَ شَدِيدُ ٱلۡعَذَابِ ١٦٥ إِذۡ تَبَرَّأَ ٱلَّذِينَ ٱتُّبِعُواْ مِنَ ٱلَّذِينَ ٱتَّبَعُواْ وَرَأَوُاْ ٱلۡعَذَابَ وَتَقَطَّعَتۡ بِهِمُ ٱلۡأَسۡبَابُ ١٦٦ وَقَالَ ٱلَّذِينَ ٱتَّبَعُواْ لَوۡ أَنَّ لَنَا كَرَّةٗ فَنَتَبَرَّأَ مِنۡهُمۡ كَمَا تَبَرَّءُواْ ممِنَّاۗ كَذَٰلِكَ يُرِيهِمُ ٱللَّهُ أَعۡمَٰلَهُمۡ حَسَرَٰتٍ عَلَيۡهِمۡۖ وَمَا هُم بِخَٰرِجِينَ مِنَ ٱلنَّارِ ١٦٧ يَٰٓأَيُّهَا ٱلنَّاسُ كُلُواْ مِمَّا فِي ٱلۡأَرۡضِ حَلَٰلٗا طَيِّبٗا وَلَا تَتَّبِعُواْ خُطُوَٰتِ ٱلشَّيۡطَٰنِۚ إِنَّهُۥ لَكُمۡ عَدُوّٞ مُّبِينٌ ١٦٨ إِنَّمَا يَأۡمُرُكُم بِٱلسُّوٓءِ وَٱلۡفَحۡشَآءِ وَأَن تَقُولُواْ عَلَى ٱللَّهِ مَا لَا تَعۡلَمُونَ ١٦٩
ترجمہ
آسمانوں اور زمین کی خلقت، دن اور رات کی ایک دوسرے کے پیچھے آمد و رفت، کشتیاں جو سمندر میں حرکت کر رہی ہیں تاکہ لوگوں کو فائدہ پہنچائیں اور پانی جس کو اللہ نے آسمان سے اتارا ہے اور اس پانی سے ویران زمین کو آباد کیا ہے اور حرکت کرنے والے جانداروں کو زمین پر پھیلایا ہے، اسی طرح ہواؤں کے چلنے میں، ان کے رخ کو تبدیل کرنے اور زمین و آسمان کے درمیان جو اللہ کے فرمان کے تحت بادل ہیں بلا شک ان میں سوچنے والوں کے لیے واضح نشانیاں ہیں۔(۱۶۴) لوگوں میں سے کچھ ایسے ہیں جنہوں نے اللہ کو چھوڑ کر اپنے لیے دوسرے معبود بنا لیے ہیں اور ان سے اس طرح محبت کرتے ہیں جس طرح اللہ سے محبت کی جانی چاہیے لیکن ایمان والے اللہ سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں اور کاش ظالم لوگ عذاب کا مشاہدہ کر لینے کے بعد جو کچھ سمجھنے والے ہیں اب سمجھ لیتے کہ ساری طاقت صرف اللہ ہی کی ہے اور اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔(۱۶۵) جس وقت کفر کے پیشوا اپنے پیروکاروں سے بیزاری کا اعلان کریں گے اور وہ عذاب کا مشاہدہ کریں گےاور ان کے تعلقات کٹے جائیں گے۔(۱۶۶) اس وقت ان کے پیروکار یہ کہیں گے: اے کاش! ایک دفعہ پھر ہم دنیا کی طرف پلٹا دئے جاتے تاکہ ان پیشواؤں سے بیزاری کا اعلان کریں جس طرح آج انہوں نے ہم سے بیزاری کا اعلان کیا ہے، اللہ اس طرح ان کے اعمال کو انہیں دکھائے گا جو ان کے لیے حسرت و ناامیدی کا سبب ہوں گے، وہ ہرگز دوزخ کی آگ سے باہر نہیں آئیں گے۔(۱۶۷) اے لوگو! زمین میں موجود ان نعمتوں کو کھاؤ جو پاکیزہ اور حلال و طیب ہیں اور شیطان کے نقش قدم پر مت چلو، سچ یہ ہے کہ وہ تمہارا کھلا دشمن ہے۔(۱۶۸) شیطان تمہیں برائی اور غلط کاموں کا ہی حکم دیتا ہے اور یہ کہ جس کو تم نہیں جانتے ہو اس کی اللہ کی طرف نسبت دو۔(۱۶۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۶۴:

کائنات کے نظام میں ہم آہنگی اور اس نظام پر نافذ قوانین اللہ تعالیٰ کے ارادہ، قدرت، اس کی حاکمیت اور وحدہ لاشریک ہونے کی نشانی ہیں۔سات آسمانوں میں سے فقط ایک آسمان تک ا نسان کی رسائی ہے وہ بھی مکمل رسائی نہیں جو کہ پہلا آسمان ہے، ان تمام کے درمیان رابطہ اور مطابقت اور ستاروں کی اپنے اپنے مدار میں حرکت سب اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانی ہے۔ (رِیۡاح)ریح کی جمع ہے جو ہوا کے معنی میں ہے۔ قرآن مجید میں جہاں پر (ریح) کا لفظ مفرد صورت میں استعمال ہوا ہے وہاں عذاب اور غضب کے لیے آیا ہے جیسے (رِیۡحٍ صَرۡصَرٍ)’’حاقہ، ۶‘‘اور جہاں پر (رِیۡاح)جمع کی صورت میں استعمال ہوا ہے تو بارش اور الٰہی الطاف کے ہمراہ آیا ہے۔ کائنات اور اس میں موجود اشیاء کی معرفت خدا شناسی کے راستوں سے ایک راستہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی یکتائی کو بیان کرتا ہے ( اِلٰـہُکُمۡ اِلٰہٌ وَّاحِدٌ ۔۔۔ خَلۡقِ السَّمٰوٰتِ ۔۔۔لَاٰیٰتٍ)۔ کائنات کی ہر شئے تکوینی آیات میں سے ایک آیت ہے (لَاٰیٰتٍ)۔ برگ درختان سبز در نظر ہوشیار ہر ورقش دفتری است معرفت کردگار ’’عقلمندوں کی نظر میں ہرے بھرے درختوں کا ہر پتا خدا کی معرفت کی کتاب کا ایک ورق ہے‘‘ فقط عقلمند اور دانا حضرات ہی کائنات میں غور و فکر کرکے خداشناسی کا درس لیتے ہیں (اِنَّ فِیۡ خَلۡقِ السَّمٰوٰتِ ۔۔۔ لَاٰیٰتٍ لِّقَوۡمٍ یَّعۡقِلُوۡنَ)۔

آیت ۱۶۵:

حضرت امام محمد باقر علیہ السلام فرماتے ہیں کہ اس آیت(دُوۡنِ اللّٰہِ)میں اور (اَنۡدَادًا) سے بت مراد نہیں بلکہ اس سے ظالم اور گمراہ کرنے والے پیشوا مراد ہیں کہ لوگ انہیں اللہ تعالیٰ کی طرح دوست رکھتے ہیں، ان کا احترام کرتے ہیں، ان کا ہر حکم مانتے ہیں۔ عربی لغت کے اعتبار سے بھی (ہُمۡ) جو (یُحِبُّوۡنَہُمۡ) میں ہے یہ انسان کے لیے استعمال ہوتا ہے کہ اس کا معنی یہ ہے کہ وہ انہیں دوست رکھتے ہیں، (ہُمۡ) غیر ذوالعقول اشیاء کے لیے نہیں۔ محبت کی بنیاد اور اس کا سرچشمہ دوستی کا کمال اور دوستی کا جمال ہے۔ مومنین تمام کمالات اور تمام جمال کو صرف اللہ تعالیٰ کی ذات میں موجود پاتے ہیں لہذا وہ سب سے زیادہ اسی سے عشق و محبت کرتے ہیں۔ مومنوں کا یہ عشق اور ان کی یہ محبت اس وجہ سے ہے کہ ان کا معشوق اس کا لائق ہے جبکہ مشرکین کا عشق جہالت اور نادانی کی بنیاد پر ہے۔ اللہ تعالیٰ کے مقابلے میں غیر اللہ کی پرستش کرنا اور اس سے محبت کرنا ممنوع اور ناجائز ہے (یَتَّخِذُ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ اَنۡدَادًا یُّحِبُّوۡنَہُمۡ)۔ جذبات کی بنیاد عقیدہ ہو (الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰہِ)۔

آیت ۱۶۶:

ہمیں ہوشیار رہنا چاہیے اور معلوم رہے کہ ہمارا رہبر کون ہے اور ہمارے دل میں کس کی محبت ہے اور ہم کس سے عشق کررہے ہیں۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کہیں طاغوت، سرکش اور ظالم حکمران اپنی ذات کے لیے ہمیں استعمال تو نہیں کررہے ہیں اور ہمارے توسط سے وہ اپنی خواہشات اور اپنے ناجائز مفادات تو حاصل نہیں کررہے۔ اگر وہ ایسا کررہے ہوں تو قیامت کے دن وہ ہمیں تنہا چھوڑیں گے اور ہم سے بیزاری کا اعلان کریں گے۔ ہر ایسی محبت اور ہر ایسا عشق جس کی بنیاد عقل اور فطرت نہ ہو وہ جلدی یا بدیر ٹھنڈا پڑ جائے گا یا دشمنی میں تبدیل ہوجائے گا (یُحِبُّوۡنَہُمۡ کَحُبِّ اللّٰہِ ۔۔۔تَبَرَّاَ الَّذِیۡنَ اتُّبِعُوۡا)۔ اس سے عشق و محبت کریں جو خطرات کے موقع پر ہماری مدد کرنے کی طاقت اور صلاحیت رکھتا ہو (اِذۡ تَبَرَّاَ الَّذِیۡنَ اتُّبِعُوۡا)۔

آیت ۱۶۷:

احادیث کی روشنی میں قیامت میں متعدد مواقف’’منازل‘‘ہوں گے۔ بعض جگہوں پر منہ پر مہر لگ جائے گی کہ مجرم کچھ بول نہ سکیں گے، فقط حیرت بھری نگاہوں سے ایک دوسرے کو دیکھ رہے ہوں گے اور رو رہے ہوں گے۔ کچھ جگہوں پر ایک دوسرے سے مدد مانگتے ہوئے نظر آئیں گے۔ کچھ جگہوں پر ایک دوسرے سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کر رہے ہوں گے۔ اس آیت میں ہے کہ کفار نے دنیا میں اپنے جن لیڈروں اور سربراہوں کا ساتھ دیا تھا، ان سے عشق و محبت کی تھی اور ان کی حمایت کی تھی وہ اپنے اس عمل سے پشیمان ہوں گے۔ لیکن وہ کچھ کر نہ سکیں گے کیونکہ عمل کا وقت گزرچکا ہوگا، فقط دل میں حسرت و یاس ہی باقی رہ جائے گی، وہ زبان بے زبانی سے کہہ رہے ہوں گے: اگر ہم ایک دفعہ پھر دنیا میں پلٹا دئے جائیں تو ہم ان کے پیچھے نہ چلیں گے جو آج ہم سے بیزاری کا اعلان کر رہے ہیں، جو اس قدر بے وفا ہیں کہ آج ہم سے بیزاری اور نفرت کا اعلان کر رہے ہیں۔ اگر ہم دنیا میں واپس پلٹا دئے جائیں تو ان سے دور رہیں گے اور ان سے بیزاری کا اظہار کریں گے۔ وہ حسرت اٹھائیں گے لیکن حسرت سے تو کچھ کام نہیں ہو سکے گا۔ متعدد آیات میں ’’خلود‘‘ کا لفظ عذاب کے لیے استعمال ہوا ہے۔ بعض نے ’’خلود‘‘ کا معنی لمبی مدت کیا ہے لیکن اس آیت میں اس جملہ ( وَ مَا ہُمۡ بِخٰرِجِیۡنَ مِنَ النَّارِ) سے معلوم ہوتا ہے کہ خلود ہمیشہ کے معنی میں ہے لمبی مدت کے لیے نہیں۔ احادیث میں گنہگاروں کی جانب سے قیامت کے دن حسرت اور افسوس کے مناظر اس طرح بیان ہوئے ہیں: جو لوگ وراثت میں بہت سارے اموال پیچھے چھوڑ جائیں گے اور انہوں نے اپنی زندگی میں ان اموال کو خیراتی کاموں میں استعمال نہ کیا ہوگا وہ اس دن دیکھیں گے کہ ان کے وارث نے ان کے چھوڑے ہوئے اموال سے اچھا کام کیا ہے جو اس کے نامہ اعمال میں درج ہوا ہے ۔ اگر اس نے برائی میں اس کے چھوڑے ہوئے مال کو خرچ کیا ہے تو اس جرم میں یہ شخص شامل ہے جو مال پیچھے چھوڑ آیاتھا۔ دوسرا نمونہ یہ ہے کہ جنہوں نے بہت زیادہ عبادات کیں لیکن انہوں نے حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت کا انکار کیا۔ ہمیں چاہیے کہ دنیا میں طاغوت اور سرکش حکمرانوں کو چھوڑ دیں قبل اس کے کہ وہ قیامت میں ہمیں تنہا چھوڑ دیں(فَنَتَبَرَّاَ مِنۡہُمۡ)۔ قیامت کے دن حقائق کھل کر انسان کی آنکھوں کے سامنے آئیں گے اور اپنے کیے پر اسے حسرت ہوگی (یُرِیۡہِمُ اللّٰہُ اَعۡمَالَہُمۡ حَسَرٰتٍ)۔

آیت ۱۶۸:

اسلام نے ہمیشہ نصیحت کی ہے کہ انسان پاک اور حلال طریقہ سے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو استعمال کرے اور رہبانیت اور بے جا زہد سے منع کیا ہے اور ناپاک اور حرام چیزوں کے استعمال سے روکا ہے کہ یہ شیطانی عمل ہے (اِنَّمَا الۡخَمۡرُ ۔۔۔ رِجۡسٌ مِّنۡ عَمَلِ الشَّیۡطٰنِ)’’مائدہ، ۹۰‘‘، اسی طرح بلاوجہ غذا کا استعمال نہ کرنا اور بھوکا رہنے سے بھی منع کیا ہے اور اسے بھی شیطانی عمل قرار دیاہ ے (کُلُوۡا ۔۔۔وَ لَا تَتَّبِعُوۡا خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)کہ بعض تاریخی حوالوں سے یہ بات بیان ہوئی ہے کہ عربوں کے بعض قبیلوں نے کچھ زرعی اجناس اور بعض جانوروں کا گوشت کھانے کو اپنے اوپر حرام کیا ہوا تھا۔ اسلام نے ان کی اس روش کی مذمت کی ہے کیونکہ وہ ان کی حرمت کو اللہ تعالیٰ کی طرف نسبت دیتے تھے، یہ بھی شیطانی عمل ہے۔ اسلام انسان کی مادی زندگی پر پوری توجہ دیتا ہے۔ اس کی ایک مثال انسان کی غذائی ضروریات پر توجہ دینا ہے۔ اس بارے دسیوں آیات اور سینکڑوں احادیث موجود ہیں۔ انبیاء کی ذمہ داریوں میں یہ بھی شامل تھاکہ وہ کھانے پینے کی حلال و حرام اشیاء کو لوگوں کے لیے بیان کریں۔ قرآن مجید نے عام طور پر کسی چیز کے استعمال کے جائز ہونے کے بارے ایک شرط لگائی ہے جیسے اس آیت میں فرمایا ہے:(کُلُوۡا۔۔۔ حَلٰلًا طَیِّبًا)، اسی طرح دوسری آیت میں فرمایا: (کُلُوۡا وَ اشۡرَبُوۡا ۔۔۔ وَ لَا تَعۡثَوۡا فِی الۡاَرۡضِ مُفۡسِدِیۡنَ)(بقرہ، ۶۰) ایک اور مقام پر فرمایا:(فَکُلُوۡا مِنۡہَا وَ اَطۡعِمُوا)۔ کھانے پینے کے حوالے سے دو بنیادی شرائط ہیں: ۱۔ حلال ہونا، ۲۔ پاکیزہ ہونا، کہ وہ دل پسند ہوں (کُلُوۡا۔۔۔ حَلٰلًا طَیِّبًا)۔ اسلام نے بعض ریاضتوں کی مخالفت کی ہے (کُلُوۡا)۔ حرام اور ناپاک چیزوں کا استعمال شیطان کی پیروی ہے (کُلُوۡا، حَلٰلًا طَیِّبًا ۫ۖ وَّ لَا تَتَّبِعُوۡا خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)۔ شیطان قدم بقدم انسان کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے، ضروری ہے کہ اس کے ہر اقدام کی مخالفت کی جائے (خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)۔ شیطان، انسان کو گمراہ کرنے کے لیےمختلف روشیں اور متعدد طریقے استعمال کرتا ہے(خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)۔

آیت ۱۶۹:

شیطان کا فرمان وہی شیطانی وسوسے ہیں۔ وہ انسان سے اس کا اختیار چھین نہیں سکتا اور اسے گناہ پر مجبور نہیں کرسکتا۔ شیطان کا کام انسان کے دل میں وسوسہ ڈالنا ہے، عمل خود انسان انجام دیتا ہے۔ جب انسان کمزور ہوجائے تو وہ شیطان کے وسوسوں کو اس طرح مانتا ہے جیسے وہ اپنے مولا سے فرمان لے رہا ہو (اِنَّمَا سُلۡطٰنُہٗ عَلَی الَّذِیۡنَ یَتَوَلَّوۡنَہٗ)’’نحل، ۱۰۰‘‘ وگرنہ اولیاء اللہ ایسے مرحلہ پر ہوتے ہیں کہ شیطان ان پر اثر اندازنہیں ہوسکتا (اِنَّ عِبَادِیۡ لَیۡسَ لَکَ عَلَیۡہِمۡ سُلۡطٰنٌ)’’حجر، ۴۲‘‘ ایک طرف سے شیطان انسان کو گناہ کا حکم دیتا ہے اور دوسری طرف اس گناہ کے لیے جواز پیش کرتا ہے۔ برے کام اور فحاشی کا حکم دینے کا مطلب گناہ کا حکم دینا اور اس کی نسبت خدا کی طرف دینا ہے (یَاۡمُرُکُمۡ ۔۔۔ وَ اَنۡ تَقُوۡلُوۡا)۔ شک و تردید کی صورت میں بھی کسی عمل کے حکم کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف نہ دی جائے چہ جائیکہ ایسے موارد جن کے بارے میں معلوم ہو کہ اللہ تعالیٰ نے منع کیا ہے کہ ایسا نہ کرے پھر بھی اس کام کو انجام دیا جائے اور اس کی نسبت خدا کی طرف دی جائے یہ بہت بڑا گناہ اور کھلی گستاخی ہے۔ لہذا قرآن مجید کی تفسیر کرنے اور احکام الٰہی بیان کرنے میں پوری دقت کی جائے (وَ اَنۡ تَقُوۡلُوۡا عَلَی اللّٰہِ مَا لَا تَعۡلَمُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 170 تا 176
وَإِذَا قِيلَ لَهُمُ ٱتَّبِعُواْ مَآ أَنزَلَ ٱللَّهُ قَالُواْ بَلۡ نَتَّبِعُ مَآ أَلۡفَيۡنَا عَلَيۡهِ ءَابَآءَنَآۚ أَوَلَوۡ كَانَ ءَابَآؤُهُمۡ لَا يَعۡقِلُونَ شَيۡـٔٗا وَلَا يَهۡتَدُونَ ١٧٠ وَمَثَلُ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ كَمَثَلِ ٱلَّذِي يَنۡعِقُ بِمَا لَا يَسۡمَعُ إِلَّا دُعَآءٗ وَنِدَآءٗۚ صُمُّۢ بُكۡمٌ عُمۡيٞ فَهُمۡ لَا يَعۡقِلُونَ ١٧١ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ كُلُواْ مِن طَيِّبَٰتِ مَا رَزَقۡنَٰكُمۡ وَٱشۡكُرُواْ لِلَّهِ إِن كُنتُمۡ إِيَّاهُ تَعۡبُدُونَ ١٧٢ إِنَّمَا حَرَّمَ عَلَيۡكُمُ ٱلۡمَيۡتَةَ وَٱلدَّمَ وَلَحۡمَ ٱلۡخِنزِيرِ وَمَآ أُهِلَّ بِهِۦ لِغَيۡرِ ٱللَّهِۖ فَمَنِ ٱضۡطُرَّ غَيۡرَ بَاغٖ وَلَا عَادٖ فَلَآ إِثۡمَ عَلَيۡهِۚ إِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٌ ١٧٣ إِنَّ ٱلَّذِينَ يَكۡتُمُونَ مَآ أَنزَلَ ٱللَّهُ مِنَ ٱلۡكِتَٰبِ وَيَشۡتَرُونَ بِهِۦ ثَمَنٗا قَلِيلًا أُوْلَٰٓئِكَ مَا يَأۡكُلُونَ فِي بُطُونِهِمۡ إِلَّا ٱلنَّارَ وَلَا يُكَلِّمُهُمُ ٱللَّهُ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِ وَلَا يُزَكِّيهِمۡ وَلَهُمۡ عَذَابٌ أَلِيمٌ ١٧٤ أُوْلَٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ ٱشۡتَرَوُاْ ٱلضَّلَٰلَةَ بِٱلۡهُدَىٰ وَٱلۡعَذَابَ بِٱلۡمَغۡفِرَةِۚ فَمَآ أَصۡبَرَهُمۡ عَلَى ٱلنَّارِ ١٧٥ ذَٰلِكَ بِأَنَّ ٱللَّهَ نَزَّلَ ٱلۡكِتَٰبَ بِٱلۡحَقِّۗ وَإِنَّ ٱلَّذِينَ ٱخۡتَلَفُواْ فِي ٱلۡكِتَٰبِ لَفِي شِقَاقِۭ بَعِيدٖ ١٧٦
ترجمہ
جس وقت ان سے کہا جائے کہ جو کچھ اللہ نے نازل کیا ہے اس کی پیروی کرو تو وہ کہتے ہیں: ہم نے اپنے آباء و اجداد کو جس راہ و روش پر پایا ہے اسی کی پیروی کریں گے،اگر ان کے آباء و اجداد نے کچھ نہ سمجھا ہو اور ہدایت یافتہ نہ ہوں تو پھر بھی ان کی پیروی کرنی چاہیے؟(۱۷۰) کافروں کو (حق کی طرف)دعوت دینا ایسا ہے جیسے کسی جانور کو آواز دی جائے کہ سوائے شور کے وہ کچھ بھی نہیں سنتا، یہ بہرے، گونگے اور اندھے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ کچھ سمجھتے نہیں۔(۱۷۱) اے وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہو!جو پاکیزہ نعمتیں ہم نے تمہیں روزی میں دی ہیں ان سے کھاؤ اور اللہ کا شکر بجالاؤ اگر تم فقط اسی کی پرستش کرتے ہو۔(۱۷۲) اللہ نے مردار کا گوشت، خون، سور کا گوشت اور وہ جانور جس کو ذبح کرتے وقت اس پر غیر خدا کا نام لیا گیا ہو فقط ان کو حرام کیا ہے، لیکن وہ شخص جو مجبور ہو جبکہ ضرورت سے زیادہ استعمال نہ کرے تو اس پر ان سے کچھ کھانے پر گناہ نہیں ہے، بتحقیق اللہ بخشنےوالا مہربان ہے۔(۱۷۳) جو لوگ کتاب کی ان آیات کو چھپاتے ہیں جنہیں ہم نے نازل کیا ہے اور انہیں تھوڑی قیمت پر فروخت کریں وہ اپنے شکموں میں آگ کے سوا کچھ بھی داخل نہیں کرتے، قیامت کے دن اللہ ان سے بات نہیں کرے گا اور نہ ہی انہیں پاک کرے گا، ان کے لیے دردناک عذاب ہے۔(۱۷۴) یہ وہ لوگ ہیں جو ہدایت کے عوض گمراہی خرید لیتے ہیں اور بخشش کی بجائے عذاب کو خریدتے ہیں، (تعجب کی بات ہے کہ) ان میں اللہ کے عذاب کو برداشت کرنے کی کتنی طاقت ہے؟!(۱۷۵) یہ عذاب ان کے لیے اس وجہ سے ہے کہ اللہ نے حق پر مبنی کتاب کو نازل کیا ہے اور وہ لوگ جنہوں نے اللہ کی کتاب کے مطالب کو چھپانے اور اس میں تحریف کے ذریعہ تفرقہ پیدا کیا تو یقیناً وہ مسلسل جھگڑے میں پڑے ہوئے ہیں۔(۱۷۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۷۰:

سابقہ آیت میں خبردار کیا گیا کہ شیطان سے دور رہو اور اس کی پیروی نہ کرو۔ اس آیت میں شیطان کی اندھی تقلید کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ بزرگوں کی سنت کو اپنانا اور پرانے طریقوں پر چلنا اگر عاقلانہ اور دلیل اور منطق کے تحت ہو تو ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے (اَلۡفَیۡنَا عَلَیۡہِ اٰبَآءَنَا)۔ قومی اور قبائلی تعصبات، حق کو قبول کرنے کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں (بَلۡ نَتَّبِعُ۔۔۔اٰبَآءَنَا)۔ راہ حق کی معرفت عقل اور وحی کے ذریعہ ہی ممکن ہے (لَا یَعۡقِلُوۡنَ شَیۡئًا وَّ لَا یَہۡتَدُوۡنَ)۔ علم اور تجربہ کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا قدر و قیمت رکھتا ہے لیکن ماضی کے لوگوں کی خرافات اور بے منطق عادات اور روایات و بیانات کو آگے بیان کرنا اقدار کے خلاف ہے (اٰبَآؤُہُمۡ لَا یَعۡقِلُوۡنَ)۔

آیت ۱۷۱:

’’دعاء‘‘ کا لفظ قریب سے بلانے کے لیے استعمال ہوتا ہے اور ’’نداء‘‘ دور سے بلانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس آیت میں دو تشبیہات موجود ہیں: پہلی تشبیہ حق کی دعوت دینے والا کو چرواہے کے ساتھ تشبیہ دینا اور دوسری تشبیہ کافروں کو جانوروں کے ساتھ تشبیہ دینا جو چرواہے کی آواز سننے کے سواء کچھ نہیں سمجھتے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ پیغمبراکرمﷺ سے کہا جارہا ہے کہ اے پیغمبر! اس بے ایمان قوم کو دعوت دینا ایسے ہے جیسے جانوروں کو خطرے سے بچانے کے لیے آواز دی جائے اور وہ اس پیغام کو نہیں سمجھتے کیونکہ وہ حقیقت کو سمجھنے کے بارے بہرے، گونگے اور اندھے ہیں۔ آنکھ، کان اور زبان کی قدر و قیمت اور اہمیت اس وقت ہے جب یہ تعقل اور سمجھ کا وسیلہ بنیں وگرنہ جانوروں کے بھی کان، زبان اور آنکھیں ہیں۔ لیکن وہ کان، آنکھ اور زبان رکھتے ہوئے بھی سمجھتے نہیں، عقل نہیں رکھتے۔ اگر بے ایمان افراد کو حق کی جانب دعوت دیں تو وہ تعصب کی بنا پر اسے تسلیم نہیں کریں گے (صُمٌّۢ بُکۡمٌ عُمۡیٌ فَہُمۡ لَا یَعۡقِلُوۡنَ)۔ سمجھداری سے کان سے سننا، آنکھ سے دیکھنا اور سوال کرنا معرفت کا وسیلہ ہے لیکن گونگے، بہرے اور اندھوں کے بارے قرآن فرما رہا ہے (صُمٌّۢ بُکۡمٌ عُمۡیٌ فَہُمۡ لَا یَعۡقِلُوۡنَ)۔

آیت ۱۷۲:

قرآن مجید جب بھی انسان کو کسی کام سے روکتا ہے تو پہلے اس کام کے حوالے سے جائز اور مباح راستوں کو بیان کرتاہے پھر اس کام سے منع کرتا ہے۔ اس آیت میں پہلے ان چیزوں کو بیان کیا گیا ہے جن کو کھانا پینا جائز ہے۔ اس کے بعد اگلی آیت میں ان چیزوں کو بیان کیا گیا ہے جن کا استعمال حرام اور ناجائز ہے۔ نعمتوں کو خلق کرنے کا اصلی ہدف یہ ہے کہ مومنین ان نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ سابقہ تین آیات میں بیان کیا گیا کہ جو کچھ زمین میں ہے اسے کھاؤ اور اس آیت میں فرمایا: اے مومنو! جو دل پسند نعمتوں کو ہم نے تمہارے لیے روزی کیا ہے انہیں کھاؤ۔ ان دو تعبیروں میں فرق کی وجہ یہ ہے کہ ان نعمتوں کو خلق کرنے کا اصلی ہدف یہ ہے کہ مومنوں کو روزی پہنچائی جائے جبکہ دوسرے لوگ مومنوں کے طفیل ان نعمتوں سے بہرہ مند ہوتے ہیں۔ جس طرح باغبان جب باغ کو پانی دیتا ہے تو اس کا اصلی ہدف باغ میں موجود درختوں اور پھولوں کی نشو و نما کے لیے انہیں پانی دینا ہوتا ہے۔لیکن اس پانی سے باغ میں موجود جڑی بوٹیاں، کانٹے، جھاڑیاں اور اضافی گھاس پھوس بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ عام لوگوں سے یہ توقع ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کو استعمال کرنے کے بعد اللہ کی معصیت اور گناہ کی طرف نہ جائیں، فتنہ و فساد نہ پھیلائیں اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کی قدردانی کریں(یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُلُوۡا۔۔۔ وَ لَا تَتَّبِعُوۡا خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)’’بقرہ، ۱۶۸‘‘، جبکہ اہل ایمان سے یہ توقع ہے کہ وہ ان نعمتوں کے استعمال کے بعد نیک اعمال اور اللہ تعالٰی کا شکر بجالائیں (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُلُوۡا۔۔۔ وَ اشۡکُرُوۡا)۔ (کُلُوۡا ۔۔۔ وَ اعۡمَلُوۡا صَالِحًا)’’مومنون، ۵۱‘‘۔ خود سازی اور تقویٰ،پاکیزہ چیزوں کے استعمال کرنے کے ساتھ منافات نہیں رکھتا (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُلُوۡا مِنۡ طَیِّبٰتِ)۔ اسلامی نقطہ نظر سے مادی امور، معنویات کے لیے مقدمہ کی حیثیت رکھتے ہیں (کُلُوۡا، اشۡکُرُوۡا، تَعۡبُدُوۡنَ)۔ اسلام، کھانے پینے کی چیزوں میں صحت کے اصولوں پر توجہ دیتا ہے (طَیِّبٰتِ مَا رَزَقۡنٰکُمۡ)صاف ستھری اور پاکیزہ چیزوں کو کھاؤ۔ اگر انسان یہ خیال کرے کہ میرے پاس موجود مال و دولت میری اپنی منصوبہ بندی اور میری اپنی تلاش و کوشش کا نتیجہ ہے اور ان امور میں اللہ تعالیٰ کو نظر انداز کرے اور کہے کہ یہ روزی اور سرمایہ میری محنت و کوشش اور سعی و تلاش کا نتیجہ ہے لہذا میں اللہ تعالیٰ کا شکر کیوں بجا لاؤں تو اس بارے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ ہم نے یہ سب کچھ تمہیں دیا ہے، طاقت ہم نے دی ہے،وسائل کے خالق ہم ہیں، عقل ہم نے دی ہے لہذا تمہیں ہمارا شکر ادا کرنا چاہیے (وَ اشۡکُرُوۡا لِلّٰہِ اِنۡ کُنۡتُمۡ اِیَّاہُ تَعۡبُدُوۡنَ)۔

آیت ۱۷۳:

اس لحاظ سے کہ حرام غذائیں چار چیزوں سے زیادہ ہیں اس لیے (اِنَّمَا)عقلی انحصار کے معنی میں نہیں بلکہ اس حوالے سے ہے کہ زمانہ جاہلیت میں جو چیزیں لوگوں نے اپنے اوپر حرام کر رکھی تھی اس کے مد مقابل یہ بیان ہے۔ جس کے پاس اپنی جان کی حفاظت کے لیے کوئی غذا موجود نہ ہو تو وہ مجبوری کی حالت میں حرام غذا کھا سکتا ہے۔ بشرطیکہ یہ کام سرکشی، نافرمانی اور ظالمانہ نہ ہو، جس کا مقصد یہ ہے کہ خود کو ہلاکت سے نجات دینے کے لیے جتنی ضرورت ہے اتنا ہی استعمال کرے، لذت حاصل کرنے اور مزہ لینے کے لیے حرام چیز نہ کھائے۔ ’’اضطرار‘‘مجبوری کا ایک قاعدہ قانون ہے۔ یہ کسی ایک مورد سے مخصوص نہیں بلکہ جس امر میں اضطراری حالت ہو تو یہ قانون وہاں پر لاگو ہوگا اور اصلی حکم میں تخفیف ہوگی جیسے نماز کے بارے میں ہے کہ جو کھڑا ہو کر نماز نہیں پڑھ سکتا تو وہ بیٹھ کر پڑھے، جو سجدہ نہیں کرسکتا تو وہ اشارہ سے سجدہ کرے گا، جو روزہ نہیں رکھ سکتا تو اس کے کفارہ دے گا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام سے سوال کیا گیا کہ طبیب نے مریض کو آرام کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ لیٹ کر رہے تو وہ نماز کے بارے کیا کرے؟ تو آپ نے اس آیت کی تلاوت کی اور فرمایا کہ وہ لیٹ کر نماز پڑھے۔ مردار اور خون کے استعمال پر پابندی جیسے الٰہی دستورات فقط طبی اور صحت کے حوالے سے نہیں بلکہ بعض دفعہ حرمت کی وجہ عقیدتی، نظریاتی اور تربیتی مسائل ہوتے ہیں جیسے اس جانور کے گوشت کو کھانے پر پابندی جسے اللہ کا نام لیے بغیر کسی اور کا نام لے کر ذبح کیا گیا ہو تاکہ اس طرح شرک پر مبنی عمل سے روکا جائے، یہ ایک عقیدتی مسئلہ ہے۔ غذائی اجناس بارے اسلام کی پوری توجہ ہے، بار بار نقصان دینے والی اشیاء کے استعمال سے روکا گیا ہے (اِنَّمَا حَرَّمَ عَلَیۡکُمُ الۡمَیۡتَۃَ۔۔۔)۔ جانور کو ذبح کرتے وقت اللہ کا نام لینا اور اللہ کی طرف توجہ کرنا ضروری ہے تاکہ ہمارا کوئی بھی کام توحید کے دائرے سے باہر نہ ہو اور شرک اور بت پرستی کے مظاہر کا خاتمہ ہو اور اس کا ہر جہت سےخاتمہ کیا جاسکے (وَ مَاۤ اُہِلَّ بِہٖ لِغَیۡرِ اللّٰہِ)۔ اضطرار ایسے حکم کو بدل دیتا ہے جو دوسروں کی جانب سے اس پر مسلط کیا گیا ہو لیکن ایسا کرنے کی اجازت نہیں کہ کوئی خود کو اضطراری حالت میں قرار دے۔ ’’اضطرار‘‘ مجہول کا صیغہ ہے، معلوم کا صیغہ استعمال نہیں کیا گیا (فَمَنِ اضۡطُرَّ ۔۔۔فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ)۔ اسلام جامع دین ہے، اس میں کوئی بندگلی نہیں، اضطراری حالت میں ہر فریضہ میں سہولت مل سکتی ہے اور اصلی حکم کے اٹھایا جاسکتا ہے(فَمَنِ اضۡطُرَّ ۔۔۔فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ)۔ قانون سازی میں خصوصی شرائط اور پیش آنے والے حالات اور مشکلات و مسائل کو مدنظر رکھا جائے (فَمَنِ اضۡطُرَّ ۔۔۔فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ)۔ اضطراری حالت میں تخفیف کے حکم سے غلط فائدہ نہ اٹھایا جائے (اضۡطُرَّ غَیۡرَ بَاغٍ وَّ لَا عَادٍ)۔

آیت ۱۷۴:

پیغمبراسلامﷺ کے آنے سے پہلے یہود و نصاریٰ کے علما لوگوں کو آپ کے آنے کی خبر دیتے تھے۔ آخری پیغمبر کے بارے جو نشانیاں تورایت اور انجیل میں بیان ہوئی تھیں انہیں لوگوں کو بیان کرتے تھے لیکن جیسے ہی پیغمبراسلامﷺ مبعوث ہوئے تو انہوں نے آپ کی رسالت کے اقرار کو اپنے مقام و منصب اور اموال کو ہاتھ سے دینے کے مترادف سمجھا اور حقیقت کو چھپایا۔ حقائق پر پردہ ڈالنا فقط پیغمبراسلام ﷺ کی رسالت کے بارے نہ تھا بلکہ ان لوگوں کو بھی شامل ہے جنہوں نے غدیر خم کا واقعہ کو اپنی تفسیر کی کتابوں اور تاریخ سے مٹادیا، آیات کے معنی میں تحریف کی، لوگوں کو امام معصوم کی پیروی کی بجائے غیر معصوم کی پیروی کی طرف لے گئے۔ یہ بھی حقیقت پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے جس طرح یہودی اور عیسائی علما نے پیغمبراسلامﷺ کی رسالت کے حوالے سے حقائق کو چھپایا جو ان کی کتابوں میں موجودتھے اسی طرح ان لوگوں نے بھی امامت کے متعلق ان حقائق پر پردہ ڈالا جو ان کی کتابوں میں موجود تھے(یَکۡتُمُوۡنَ،یَشۡتَرُوۡنَ)۔ دین فروشی جس قیمت پر بھی ہو وہ خسارہ ہی ہے کیونکہ آسمانی کتابوں میں بیان شدہ معارف اور حقائق تمام مفادات اور منافع سے بالاتر اور اہم ہیں (ثَمَنًا قَلِیۡلًا)۔ انسان کے تمام اعمال کا ایک باطنی اور ملکوتی چہرہ ہے کہ قیامت کے دن وہ اسی شکل میں مجسم ہوگا (فِیۡ بُطُوۡنِہِمۡ اِلَّا النَّارَ)۔

آیت ۱۷۵:

ان آیات میں حقائق چھپانے کے گناہ بارے پے در پے آٹھ دھمکیاں آئی ہیں، پانچ دھمکیاں سابقہ آیت میں، دو دھمکیاں اس آیت میں اور ایک دھمکی بعد والی آیت میں ذکر ہوئی ہے۔ ایساسخت اور دھمکی آمیز لب و لہجہ کسی اور گناہ کے بارے میں اختیار نہیں کیا گیا ہے۔ حقائق پر پردہ ڈالنا ایسا گناہ ہے جس کا تعلق علماء اور دانشوروں سے ہے (اُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ)۔ دین فروشی کی بہت سخت سزا ہے، یہ جملہ کہ (فَمَاۤ اَصۡبَرَہُمۡ عَلَی النَّارِ) قرآن میں فقط دین فروش گروہ کے لیے استعمال ہوا ہے۔

آیت ۱۷۶:

دینی حقائق چھپانے والوں کے لیے یہ سب دھمکیاں اور سخت کاروائی کرنے کا بیان اس وجہ سے ہے کہ علماء اور دانشور اپنے مفادات کو بچانے کے لیے آسمانی کتاب کے بیانات میں تحریف کرتے ہیں اور اس کے مطالب کی تاویل کرکے معاشرہ میں اختلاف اور تفرقہ پھیلاتے ہیں، گویا وہ پانی میں مٹی ڈال کر اسے گدلا کرتے ہیں اور اس گدلے پانی میں مچھلی پکڑنا چاہتے ہیں۔ مذہبی اختلافات کا سبب علماء ہیں، آسمانی کتابیں اختلافات کا سبب نہیں (نَزَّلَ الۡکِتٰبَ بِالۡحَقِّ۔۔۔ اخۡتَلَفُوۡا فِی الۡکِتٰبِ)۔ حقائق کو چھپانے سے تفرقہ اور انتشار پیدا ہوتا ہے (شِقَاقٍۭ بَعِیۡدٍ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 177 تا 181
۞ لَّيۡسَ ٱلۡبِرَّ أَن تُوَلُّواْ وُجُوهَكُمۡ قِبَلَ ٱلۡمَشۡرِقِ وَٱلۡمَغۡرِبِ وَلَٰكِنَّ ٱلۡبِرَّ مَنۡ ءَامَنَ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِ وَٱلۡمَلَٰٓئِكَةِ وَٱلۡكِتَٰبِ وَٱلنَّبِيِّـۧنَ وَءَاتَى ٱلۡمَالَ عَلَىٰ حُبِّهِۦ ذَوِي ٱلۡقُرۡبَىٰ وَٱلۡيَتَٰمَىٰ وَٱلۡمَسَٰكِينَ وَٱبۡنَ ٱلسَّبِيلِ وَٱلسَّآئِلِينَ وَفِي ٱلرِّقَابِ وَأَقَامَ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتَى ٱلزَّكَوٰةَ وَٱلۡمُوفُونَ بِعَهۡدِهِمۡ إِذَا عَٰهَدُواْۖ وَٱلصَّٰبِرِينَ فِي ٱلۡبَأۡسَآءِ وَٱلضَّرَّآءِ وَحِينَ ٱلۡبَأۡسِۗ أُوْلَٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ صَدَقُواْۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡمُتَّقُونَ ١٧٧ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ كُتِبَ عَلَيۡكُمُ ٱلۡقِصَاصُ فِي ٱلۡقَتۡلَىۖ ٱلۡحُرُّ بِٱلۡحُرِّ وَٱلۡعَبۡدُ بِٱلۡعَبۡدِ وَٱلۡأُنثَىٰ بِٱلۡأُنثَىٰۚ فَمَنۡ عُفِيَ لَهُۥ مِنۡ أَخِيهِ شَيۡءٞ فَٱتِّبَاعُۢ بِٱلۡمَعۡرُوفِ وَأَدَآءٌ إِلَيۡهِ بِإِحۡسَٰنٖۗ ذَٰلِكَ تَخۡفِيفٞ مِّن رَّبِّكُمۡ وَوَرَحۡمَةٞۗ فَمَنِ ٱعۡتَدَىٰ بَعۡدَ ذَٰلِكَ فَلَهُۥ عَذَابٌ أَلِيمٞ ١٧٨ وَلَكُمۡ فِي ٱلۡقِصَاصِ حَيَوٰةٞ يَٰٓأُوْلِي ٱلۡأَلۡبَٰبِ لَعَلَّكُمۡ تَتَّقُونَ ١٧٩ كُتِبَ عَلَيۡكُمۡ إِذَا حَضَرَ أَحَدَكُمُ ٱلۡمَوۡتُ إِن تَرَكَ خَيۡرًا ٱلۡوَصِيَّةُ لِلۡوَٰلِدَيۡنِ وَٱلۡأَقۡرَبِينَ بِٱلۡمَعۡرُوفِۖ حَقًّا عَلَى ٱلۡمُتَّقِينَ ١٨٠ فَمَنۢ بَدَّلَهُۥ بَعۡدَ مَا سَمِعَهُۥ فَإِنَّمَآ إِثۡمُهُۥ عَلَى ٱلَّذِينَ يُبَدِّلُونَهُۥٓۚ إِنَّ ٱللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٞ ١٨١
ترجمہ
نیکی صرف یہ نہیں کہ تم (نماز کے وقت) اپنا رخ مشرق اور مغرب کی جانب کرلو بلکہ نیک کام کرنے والا تو وہ ہے جو اللہ، قیامت کے دن، فرشتوں، آسمانی کتابوں اور پیغمبرو ں پر ایمان لے آئے اور اپنے مال سے محبت کے باوجود اسے اپنے رشتہ داروں، یتیموں، بے چارہ لوگوں، سفر میں بے خرچ ہونے والوں، پریشان حال لوگوں، سوالیوں، غلاموں کی آزادی کے لیے خرچ کرے، نماز قائم کرے اور زکات ادا کرے اور جن سے وہ عہد باندھے اس عہد کو پورا کرے اور جو سخت حالات میں، بیماریوں میں اور جنگ کے میدان میں ثابت قدم رہیں یہ وہی ہیں جو سچے ہیں اور یہ وہی ہیں جو پرہیزگار ہیں۔(۱۷۷) اے وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہو! (مقتولین کے لیے) قصاص کا قانون تمہارے اوپر اس طرح طے کردیا گیا ہے کہ آزاد کے بدلے میں آزاد اور غلام کے بدلے میں غلام، عورت کے بدلے میں عورت قصاص ہوں گے پھر اگر کوئی اپنے دینی بھائی کے لیے جو خون کا وارث ہے (قاتل) کو معاف کردے یا اس کا قصاص خون بہا (دیت) میں تبدیل ہوجائے تو اس بارے وہ پسندیدہ شیوہ اپنائےیہ حکم تخفیف اور مہربانی ہے آپ کے رب کی طرف سے پھر اگر کوئی اس کے بعد اللہ کی حدود کو پامال کرے تو اس کے لیے دردناک عذاب ہوگا۔(۱۷۸) اے عقلمندو! قصاص تمہارے لیے زندگی کا سرمایہ ہے تاکہ تم سب تقویٰ اپناؤ۔(۱۷۹) تمہارے لیے یہ طے کردیا گیا ہے کہ جب تم میں سے کسی ایک کے لیے موت کی نشانیاں سامنے آجائیں تو اگر اس نے اپنے پیچھے مال چھوڑا ہے تو وہ اپنے ماں باپ اور قریبی رشتہ داروں کے لیے عمدہ انداز سے وصیت کردے، یہ کام حق اور شائستہ ہے ان کے لیے جو تقویٰ اختیار کرنے والے ہیں۔(۱۸۰) پھر جو بھی اس وصیت کو سننے کے بعد تبدیل کرے گا تو اس کا گناہ فقط ان پر ہے جو وصیت کو تبدیل کریں، بلاشک اللہ سننے والا اور دانا ہے۔(۱۸۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۷۷:

(بِرَّ) نیکی کے معنی میں ہے۔ کوئی شخص بہت زیادہ نیک کام کرتا ہو تو اسے بھی(بِرّ) کہتے ہیں کہ اس کا پورا وجود نیکی ہے۔ (باسا)، (بَؤُس) سے ہے، جو فقر و احتیاج اور روزگار کی سختی کے معنی میں ہے کہ جو باہر سے انسان پر مسلط ہو۔ (ضرّاء) درد اور بیماری کے معنی میں ہے جو انسان کو اندر سے لاحق ہوتی ہیں (حِیۡنَ الۡبَاۡسِ) سے جنگ اور جہاد کا وقت مراد ہے۔ آیت ۱۴۴ میں قبلہ کی تبدیلی کے ماجرا کو بیان کرنے کے بعد اس آیت میں فرمایا کہ اللہ اور قیامت پر ایمان رکھنا اور نیک کاموں کو انجام دینا دین کا خلاصہ ہے، تم اس کی بجائے بحث و جدل میں کیوں پڑتے ہو؟ یہ آیت قرآن مجید کی جامع ترین آیات سے ہے کیونکہ اس میں دین کے عقیدتی، عملی اور اخلاقی اصول بیان ہوئے ہیں۔ رسول اللہﷺ سے مروی ہے جو شخص اس آیت پر عمل کرے تو اس کا ایمان کامل ہے۔ اس آیت میں دین کے تینوں حصوں’’ایمان، عمل اور اخلاق‘‘ کے متعلق پندرہ اچھی صفات بیان ہوئی ہیں جن میں درج ذیل خوبیاں شامل ہیں: پہلا حصہ:اللہ، فرشتوں، انبیاء، قیامت اور آسمانی کتابوں پر ایمان لانا؛ دوسرا حصہ: نماز قائم کرنا، زکات دینا، غلاموں کو آزاد کرنا، جنگ کے محاذ میں سختیوں پر صبر کرنا اور عہد وپیمان کو پورا کرنا؛ تیسرا حصہ: مال و دولت سے دل نہ لگانا، فقراء اور مساکین پر رحم کرنا، رشتہ داروں سے ہمدردی کرنا، یتیموں سے شفقت، مسافروں کی مالی مشکلات کو حل کرنا اور سوالیوں سے مناسب رویہ اپنانا، یہ سب اخلاقیات ہیں۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ صرف دین کے ظاہری امور کی جانب نہ جائیں بلکہ دین کے اصلی ہدف اور اس کے حقیقی مضمون پر توجہ دیں اور اس کو بیان کریں۔اس کو دو طرح سے بیان فرمایا ہے، پہلے فرمایا: (لَیۡسَ الۡبِرَّ) پھر فرمایا:(وَ لٰکِنَّ الۡبِرَّ)۔ اللہ تعالیٰ کے ساتھ رابطہ اورتعلق رکھنے کے ساتھ لوگوں کی مشکلات اور سختیوں میں ان کے ساتھ تعلق رکھنا اور ان کے ساتھ ہمدردی کرنا ضروری ہے(اٰمَنَ بِاللّٰہِ وَ الۡیَوۡمِ الۡاٰخِرِ ۔۔۔وَ اٰتَی الۡمَالَ عَلٰی حُبِّہٖ)۔ سارے نیک کام اللہ تعالیٰ پر ایمان کے سائے تلے پروان چڑھتے ہیں (اٰمَنَ بِاللّٰہِ ۔۔۔وَ اٰتَی الۡمَالَ)۔ اسلامی نقطہ نظر سے انفاق کا ہدف صرف بھوکوں کو سیر کرنا نہیں بلکہ دل سے مال و دولت کا لگاؤ اور محبت ختم کرنا بھی ہے (عَلٰی حُبِّہٖ)جب تک کوئی آدمی مال کی محبت کو دل سے نہ نکالے وہ اپنے اموال سےانفاق نہیں کرسکتا۔ انفاق کرتے وقت رشتہ دارفقر اء اور حاجت مندوں کو دوسرے فقراء اور مساکین پر مقدم رکھا جائے (ذَوِی الۡقُرۡبٰی وَ الۡیَتٰمٰی)۔ ایمان کے دعویدار تو بہت ہیں لیکن حقیقی مومنین اور ایسے افراد بہت کم ہیں جو دین کے پورے مضمون پر عمل کریں (اُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ صَدَقُوۡا)۔

آیت ۱۷۸:

’’قصاص‘‘ کا لفظ ’’قصص‘‘ سے ہے جس کا معنی کسی کام کا تسلسل یا پیچھا کرنا، قتل کا پیچھا کرنا یا قاتل کے بارے معاملہ کرنا ہے۔ ہر معاشرے میں کبھی نہ کبھی کوئی قتل ہوجاتا ہے، اسلام جیسے جامع و کامل دین کے پاس ایسے واقعات اور حادثات کے بارے عادلانہ قانون ہونا چاہیے جو منطقی بھی ہو اور انتقام اور اس قسم کے جرائم کے سدباب کا ذریعہ بھی بنے۔ اسلام سے پہلے زمانہ جاہلیت میں ایک آدمی کے قتل ہوجانے کی صورت میں قاتل کے پورے قبیلے میں قتل و غارت گری کرتے اور لمبی جنگیں چھڑجاتی تھیں۔ اسلام نے اس آیت میں راہ حل کے لیے ایک پلان دیا جس کے ذریعہ سے ایک طرف بے گناہ لوگوں کا خون بہانے سے روکا گیا اور دوسری جانب اس میں انصاف اور طرفین کی رضایت کو بھی مد نظر رکھا گیا۔ البتہ قصاص لینا مقتول کے وارثوں کا حق ہے، وہ چاہیں تو دیت لے کر قصاص لینے سے صرف نظر بھی کر سکتے ہیں۔ قصاص کے قانون میں برابری اور عدالت و انصاف کے اصول پر توجہ دی گئی ہے (اَلۡحُرُّ بِالۡحُرِّ وَ الۡعَبۡدُ بِالۡعَبۡدِ وَ الۡاُنۡثٰی بِالۡاُنۡثٰی۔۔۔) جیسا قتل، ویسا قصاص۔ حتمی اور فیصلہ کن بات اور عطوفت و مہربانی دونوں کا ساتھ ساتھ ہونا ضروری ہے (فَمَنۡ عُفِیَ لَہٗ مِنۡ اَخِیۡہِ) گویا مقتول کے وارث اور قاتل بھائی ہیں، دوسرے لفظوں میں قاتل قتل کرنے کی وجہ سے اسلام کے دائرہ اور اسلامی برادری سے خارج نہیں ہوتا۔ اسلامی نقطہ نظر سے حقوق اور اخلاقیات ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں (کُتِبَ عَلَیۡکُمُ الۡقِصَاصُ ۔۔۔ فَمَنۡ عُفِیَ)۔ اسلام میں نہ تو یہودیوں کی مانند صرف قصاص کا قانون ہے اور نہ ہی مسیحیوں کی مانند صرف معاف کرنے کو بہترین راستہ قرار دیا گیاہے بلکہ مختلف راستے پیش کرتا ہے، قصاص اور قتل کا بدلہ قتل کی صورت میں لیا جائے یا دیت لی جائے یا معاف کردیا جائے (الۡقِصَاصُ ۔۔۔ فَمَنۡ عُفِیَ)۔

آیت ۱۷۹:

یہ آیت کچھ اعتراضات کا جواب ہے جو قصاص کے قانون کے متعلق کچھ دانشور حضرات کی طرف سے کئے گئے ہیں۔ قرآن مجید کہہ رہا ہے کہ قصاص کا قانون انسانی معاشرہ میں حیات کی ضمانت ہے، قصاص صرف ایک شخص کی جانب سے انتقام نہیں بلکہ اجتماعی امن کا وسیلہ ہے۔ جس معاشرہ میں زیادتی کرنے والے قاتل سے قصاص لینے کا قانون نہ ہو تو اس معاشرہ کا امن تباہ ہوگا گویاکہ وہ معاشرہ زندہ نہیں بلکہ مردہ ہے۔ جیسے طبابت، کھیتی باڑی اور جانور پالنا انسان کی سلامتی اور اس کی زندگی کا لازمی حصہ ہے اسی طرح ان امور میں پائے جانے والے جراثیموں کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ معاشرہ میں عدل و انصاف کا نفاذ اس معاشرہ کی حیات کی ضمانت ہے (لَکُمۡ فِی الۡقِصَاصِ حَیٰوۃٌ)۔ خطرناک عنصر کا خاتمہ ایک عقلی امر ہے (یٰۤاُاُولِی الۡاَلۡبَابِ)۔ کسی بھی امر کے متعلق جلدی میں فیصلہ نہ دو، ممکن ہے سطحی سوچ کے تحت قصاص کا قانون پسندیدہ امر نہ ہو لیکن اگر عقل اور گہرائی سے سوچو تو پتہ چل جائے گا کہ قصاص انسانی حیات کی ضمانت ہے، اسی لیے کہا گیا ہے (یٰۤاُاُولِی الۡاَلۡبَابِ)۔ قصاص، قتل جیسے انتہائی سنگین جرم کے سد باب کا ذریعہ ہے (لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ)تاکہ تم بچ جاؤ، محفوظ رہو۔

آیت ۱۸۰:

آیت میں ’’مال‘‘کے لفظ کی جگہ (خَیۡرَاً) کا لفظ استعمال ہوا ہے، اس کی وجہ شاید یہ ہو کہ مال اور دولت خیر اور نیکی کا وسیلہ ہیں۔ مال کے متعلق اسلام میں جس چیز پر تنقید کی گئی ہے وہ مال کو حرام طریقوں سے کمانا، مال سے شدید لگاؤ اور محبت رکھنا، ذاتی کمالات اور اجتماعی ضروریات پر مال کو مقدم رکھنا اور مال و دولت کے حصول کے لیے لوگوں کے استحصال ہے۔ وصیت نامہ اس طرح بہتر اور مناسب انداز میں لکھا جائے(مَعۡرُوۡف) جو عقلی تقاضوں کو پورا کرے، وصیت نامہ بغض و کینہ، انتقام اور بے جا خواہشات کو پورا کرنے کی بنیاد پر نہ ہو۔ ایک آدمی کے چھوٹے بچے تھے۔ اس نے اپنے تمام اموال کو اللہ کی راہ میں خرچ کردیا۔ اس کو دفن کرنے کے بعد جب لوگ پیغمبراکرمﷺکے پاس گئے اورآپ کو بتایا کہ اسے دفن کرکے آرہے ہیں تو آپ نے فرمایا:اگر مجھے اس کے مرنے کی خبر ہوتی تو میں اسے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنے کی اجازت نہ دیتا۔ کیونکہ اس نے اتنا سارا مال رکھتے ہوئے کچھ بھی اپنے بچوں کے لیے پیچھے نہیں چھوڑا ہے اور سارا مال اللہ کی راہ میں دے دیا۔ وصیت نہایت دقیق اور باریک بینی والا کام ہے۔ خدا نخواستہ اس معاملے میں بے توجہی کی جائے تو بعد میں فتنہ و فساد اور ناراضگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔ جس کی وجہ سے انسان کے سارے نیک کام محو ہوسکتے ہیں۔ بعض اوقات انسان ساٹھ سال عبادت کرتا ہے لیکن اگر وہ وصیت کرتے وقت ناانصافی کرے تو وہ آدمی دوزخ میں جائے گا۔ انسان اپنے ترکہ کے ایک تہائی کے متعلق وصیت کرسکتا ہے اگر کوئی آدمی اپنے ترکہ کے ایک تہائی سے زیادہ حصے کے بارے وصیت کرے تو ایک تہائی سے زیادہ حصہ کے متعلق وصیت پر عمل کرنے کے لیے اس کے وارثوں سے اجازت لینا ہوگا۔ مرنے کے بعد انسان کا اعمال نامہ بند ہوجاتا ہے لیکن بعض امور جیسے وصیت کیے گئے نیک کاموں کا ثواب اس کے اعمال نامہ میں درج ہونے کا سلسلہ باقی رہتاہے (اِذَا حَضَرَ اَحَدَکُمُ الۡمَوۡتُ ۔۔۔الۡوَصِیَّۃُ)۔ وصیت میں والدین اور قریبی رشتہ داروں کے لیے وراثت کے علاوہ کچھ حصہ مخصوص کیا جائے (الۡوَصِیَّۃُ لِلۡوَالِدَیۡنِ وَ الۡاَقۡرَبِیۡنَ)۔ وصیت نہ کرنا دوسروں کے حقوق بارے لاپرواہی ہے (الۡوَصِیَّۃُ ۔۔۔ حَقًّا عَلَی الۡمُتَّقِیۡنَ)۔

آیت ۱۸۱:

اس آیت میں ان افراد کو خبردار کیا گیا ہے جو وصیت کو تبدیل کرنے کے درپے ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ انہیں آخرت میں اس خیانت کا خمیازہ بھگتنا ہو گا۔ حدیث میں ہے کہ اگر یہودی یا نصرانی کے لیے بھی وصیت کی گئی ہو تو اسے تبدیل مت کرو۔ حق مالکیت موت کے بعد بھی محفوظ ہے، کسی کو وصیت تبدیل کرنے کا حق نہیں ( فَمَنۡۢ بَدَّلَہٗ ۔۔۔ فَاِنَّمَاۤ اِثۡمُہٗ)۔ اس بات پر ایمان کہ ہم اللہ تعالیٰ کے حضور میں ہیں، تقویٰ اور وصیت میں تبدیلی لانے سے گریز کرنے کے لیے بہترین وسیلہ ہے(فَمَنۡۢ بَدَّلَہٗ ۔۔۔اِنَّ اللّٰہَ سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 182 تا 186
فَمَنۡ خَافَ مِن مُّوصٖ جَنَفًا أَوۡ إِثۡمٗا فَأَصۡلَحَ بَيۡنَهُمۡ فَلَآ إِثۡمَ عَلَيۡهِۚ إِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ١٨٢ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ كُتِبَ عَلَيۡكُمُ ٱلصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى ٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِكُمۡ لَعَلَّكُمۡ تَتَّقُونَ ١٨٣ أَيَّامٗا مَّعۡدُودَٰتٖۚ فَمَن كَانَ مِنكُم مَّرِيضًا أَوۡ عَلَىٰ سَفَرٖ فَعِدَّةٞ مِّنۡ أَيَّامٍ أُخَرَۚ وَعَلَى ٱلَّذِينَ يُطِيقُونَهُۥ فِدۡيَةٞ طَعَامُ مِسۡكِينٖۖ فَمَن تَطَوَّعَ خَيۡرٗا فَهُوَ خَيۡرٞ لَّهُۥۚ وَأَن تَصُومُواْ خَيۡرٞ لَّكُمۡ إِن كُنتُمۡ تَعۡلَمُونَ ١٨٤ شَهۡرُ رَمَضَانَ ٱلَّذِيٓ أُنزِلَ فِيهِ ٱلۡقُرۡءَانُ هُدٗى لِّلنَّاسِ وَبَيِّنَٰتٖ مِّنَ ٱلۡهُدَىٰ وَٱلۡفُرۡقَانِۚ فَمَن شَهِدَ مِنكُمُ ٱلشَّهۡرَ فَلۡيَصُمۡهُۖ وَمَن كَانَ مَرِيضًا أَوۡ عَلَىٰ سَفَرٖ فَعِدَّةٞ مِّنۡ أَيَّامٍ أُخَرَۗ يُرِيدُ ٱللَّهُ بِكُمُ ٱلۡيُسۡرَ وَلَا يُرِيدُ بِكُمُ ٱلۡعُسۡرَ وَلِتُكۡمِلُواْ ٱلۡعِدَّةَ وَلِتُكَبِّرُواْ ٱللَّهَ عَلَىٰ مَا هَدَىٰكُمۡ وَلَعَلَّكُمۡ تَشۡكُرُونَ ١٨٥ وَإِذَا سَأَلَكَ عِبَادِي عَنِّي فَإِنِّي قَرِيبٌۖ أُجِيبُ دَعۡوَةَ ٱلدَّاعِ إِذَا دَعَانِۖ فَلۡيَسۡتَجِيبُواْ لِي وَلۡيُؤۡمِنُواْ بِي لَعَلَّهُمۡ يَرۡشُدُونَ ١٨٦
ترجمہ
جو شخص یہ خوف محسوس کرے کہ وصیت کرنے والے نے(وارثوں کے حقوق بارے) جانبداری یا گناہ کا ارتکاب کیا ہے(اور ناحق وصیت کی ہےتو) وہ آپس میں صلح کرا دے تو اس پر کوئی گناہ نہیں، بلاشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(۱۸۲) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! روزہ تمہارے اوپر فرض ہے جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض تھا، یہ اس لیے ہے تاکہ تم لوگ تقویٰ اختیار کرو۔(۱۸۳) گنتی کے چند دنوں کا روزہ تمہارے اوپر فرض کیا گیا ہے، لیکن تم میں سے جو شخص بیمار ہو یا مسافر ہو تو اتنی ہی تعداد میں بعد میں روزہ قضا رکھ لے اور جن افراد میں روزہ رکھنے کی طاقت نہیں تو ان پر لازم ہے کہ ان ایام کا کفارہ کھانا کھلانے کی صورت میں دیں، جو شخص اپنی مرضی سے زیادہ نیک عمل کرے تو اس کے لیے بہتر ہے اور روزہ رکھنا تمہارے لیے بہتر ہے اگر تمہیں روزہ رکھنے کے فوائد کا علم ہو۔(۱۸۴) رمضان کے مہینہ میں قرآن نازل ہوا ہے، یہ ایسی کتاب ہے جو ہدایت دینے والی ہے اور روشن دلائل کے ساتھ حق کو باطل سے جدا کرنے کا وسیلہ ہے، پس تم میں سے جو اس مہینے کو پائے تو وہ روزہ رکھے اور جو بیمار ہو یا سفر میں ہو تو وہ دوسرے دنوں میں اسی تعداد میں روزے رکھے، اللہ تمہارے لیے آسانی چاہتا ہے، دشواری اور مشکل نہیں چاہتا، روزہ کی قضا اس لیے ہے تاکہ طے شدہ روزوں کی تعداد کو پورا کردو، اس لحاظ سے کہ اللہ نے تمہارے لیے ہدایت کا انتظام کیا ہے، اسے عظمت کے ساتھ یاد کرو تاکہ تم اس طرح شکر گزاروں سے ہوجاؤ۔(۱۸۵) اور (اے رسول!) جب تجھ سے میرے بندے میرے بارے سوال کریں تو ان سے کہہ دو کہ سچ یہ ہے کہ میں(ان سے) نزدیک ہوں، دعا مانگنے والے کی دعا کو قبول کرتا ہوں، تو وہ بھی میری دعوت کو قبول کریں اور میرے اوپر ایمان لے آئیں تاکہ اس طرح وہ رشد و کمال کو پہنچ جائیں۔(۱۸۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۸۲:

اسلام نے وصیت کو تبدیل کرنے سے منع کیا ہے لیکن اگر وصیت اسلامی اصولوں کے خلاف ہو تو اس میں تبدیلی لانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ جیسے اگر وصیت کرنے والے نے اپنے اموال کے ایک تہائی سے زیادہ کے بارے وصیت کی ہو تو اس کی وصیت ایک تہائی پر نافذ ہوگی اور اس سے زیادہ پر اس کی وصیت پر عمل نہیں کیا جائے گا۔ یا اگر وصیت ایسی ہو کہ جس کی وجہ سے فتنہ اور فساد کا خطرہ ہو تو حاکم شرع کی نظارت میں اس میں اصلاح کی جائے۔ وصیت میں اہم اور زیادہ اہم کے ضابطہ کا لحاظ رکھا جائے، وصیت پر عمل کرنا اہم ہے جبکہ فتنہ و فساد سے بچنا اس سے بھی زیادہ اہم ہے (فَمَنۡ خَافَ۔۔۔فَاَصۡلَحَ بَیۡنَہُمۡ فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ)۔

آیت ۱۸۳:

تقویٰ، خود کو گناہ سے بچانا ہے۔ دو چیزیں گناہ کا سرچشمہ بنتی ہیں: ۱۔غصہ، ۲۔ شہوت۔ روزہ ان دو حالتوں کے ابھارنے کو روکتا ہے جس کی وجہ سے فساد اور خرابیوں میں کمی آجاتی ہے اور تقویٰ کی حالت بڑھتی ہے۔ روزہ کی برکات اور اثرات: ۱۔ روزہ کا اہم ترین اثر تقویٰ اور خدا ترسی ہے۔ عبادات میں صرف روزہ ایسی عبادت ہے جو مخفیانہ انجام دی جاتی ہے۔ نماز، حج، زکات، خمس اور جہاد کو لوگ دیکھ رہے ہوتے ہیں لیکن روزہ دیکھنے کا عمل نہیں۔ ۲۔ روزہ انسان کی قوت ارادی کو مضبوط کرتا ہے۔ جس شخص نے ایک ماہ تک چند گھنٹے خود کو کھانے پینے، بیوی اور دیگر منع شدہ چیزوں سے دور رکھتا ہے تو وہ دوسروں کی ناموس پر دست درازی اور ناجائز طور پر دوسروں کے اموال میں تصرف سے بھی رک جاتا ہے۔ جو ایک مہینہ تک بھوک کی حالت میں گزارتا ہے تو اسے دوسروں کی بھوک کا احساس ہوتا ہے۔ ۳۔ روزہ دار بھی ایک مہینہ فرشتوں جیسا بن جاتا ہے کہ فرشتے کھانے پینے اور شہوت سے دور ہیں۔ ۴۔ رسول خداﷺ نے فرمایا: جو شخص ایک ماہ روزہ رکھتا ہے تو اس کے سارے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں۔ تبلیغ کے شیوہ میں سے ایک یہ ہےکہ مشکل دستورات کو آسان بنا کر پیش کیا جائے۔ اس آیت میں ہے کہ روزہ کافرمان صرف تمہارے لیے نہیں دیا جارہا بلکہ تم سے پہلےجو امتیں گزری ہیں ان پر بھی روزہ فرض تھا (کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبۡلِکُمۡ)۔ قرآن مجید بعض احکام کے فلسفہ اور حکمت کو بھی بیان کرتا ہے جیسے روزہ کے متعلق بیان کیا ہے۔ کیونکہ اگر لوگوں کو پتہ ہو کہ اس عمل کا نتیجہ کیا ہو گا تو وہ اس کام میں زیادہ دلچسپی دیکھاتے ہیں (لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ)۔

آیت ۱۸۴:

اللہ تعالیٰ کے فرمان کے سامنے تسلیم ہونے کی قدر و قیمت ہے۔ اگر روزہ رکھنے کا فرمان دیا ہے تو روزہ رکھا جائے اور جب روزہ کھولنے کا حکم دیا جائے تو روزہ کھول دیا جائے۔ کچھ اصحاب سفر میں بھی روزہ رکھتے تھے اور سفر کے دوران روزہ کھولنے کو تیار نہ ہوتے تھے، رسول اللہﷺ نے ایسے افراد کو گنہگار قرار دیا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: اگر روزہ رکھنے کی وجہ سے بچے کو دودھ پلانے والی عورت کے دودھ کا کم ہونے کا خوف ہو تو ایسی عورت روزہ نہ رکھے۔ اسلام میں پیش آمدہ حالات کی مناسبت سے احکام وضع کئے جاتے ہیں، جیسے حالات ہوتے ہیں ویسا حکم ہوتا ہے۔ جیسے ان آیات میں مسافروں اور بیماروں کا حکم بیان ہوا ہے (فَمَنۡ کَانَ ۔۔۔ مَرِیۡضًا اَوۡ عَلٰی سَفَرٍ)۔ مسافر یا جو مریض روزہ نہیں رکھ سکتا وہ دوسرے ایام میں ان روزوں کی قضا کرے تاکہ روزہ کے فوائد سے بہرہ مند ہو سکے (فَعِدَّۃٌ مِّنۡ اَیَّامٍ اُخَرَ)۔ کسی بھی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے طاقت اور توانائی کا ہونا شرط ہے (عَلَی الَّذِیۡنَ یُطِیۡقُوۡنَہٗ)۔ شرعی احکام میں فقراء کو کھانا کھلانے پر خاص توجہ دی گئی ہے (طَعَامُ مِسۡکِیۡنٍ)۔ جو عبادات رغبت اور دلچپسی کے ساتھ انجام دئے جائیں وہ انسان کے رشد کا سبب اور انسان کو اللہ تعالیٰ کے زیادہ قریب کرنے کا وسیلہ ہیں (فَمَنۡ تَطَوَّعَ)۔

آیت ۱۸۵:

رمضان کا لفظ ’’رمض‘‘ سے ہے جس کا معنی جلا دینا ہے، ایسا جلا دینا جس میں دھواں اور راکھ نہ ہو۔ اس مہینے کو رمضان کہنے کا سبب یہ ہے کہ اس مہینے میں انسان کے گناہ مٹا دئیے جاتے ہیں۔ سال کے بارہ مہینوں میں سے صرف رمضان کے مہینے کا نام قرآن مجید میں ذکر ہوا ہے۔ شب قدر اسی مہینہ میں ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا بہترین مہینہ ہے۔ پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: ماہ رمضان بہترین مہینہ ہے۔ یہ مہینہ اللہ تعالیٰ کی مہمان نوازی کا مہینہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مہینے میں بندوں کو اپنا مہمان بناتا ہے۔ ماہ رمضان میں مومنوں کو اللہ کی مہمانی پر بلایا گیا ہے۔ اس مہینہ کی چند خصوصیات ہیں: اس میں میزبان خود اللہ تعالیٰ ہے، خود اللہ تعالیٰ نے مہمانوں کو دعوت دی ہے۔ اس مہینے کی مہمان نوا زی میں شب قدر، دعا کی قبولیت اور دوزخ سے نجات ہے۔ مہمان نوازی کا وقت ماہ رمضان ہے۔ احادیث میں ہے کہ اس مہینے کا آغاز رحمت ہے، درمیانی حصہ مغفرت ہے اور اس کا آخری حصہ اجر و ثواب ہے۔ اس مہینے کی مہمان نوازی کا یہ عالم ہے کہ اسی مہینے میں پورے سال کی ضروریات شب قدر میں پوری کردی جاتی ہیں۔ اس ماہ کی غذا، روح کی غذا ہے جو معنوی رشد و کمال کے لیے ضروری ہے، یہ جسمانی غذا نہیں بلکہ روحانی غذا ہے۔ اس مہینے میں انسان کی روحانی غذا قرآن مجید کی آیات ہیں کہ اس مہینہ میں ایک آیت کی تلاوت کا ثواب دوسرے مہینوں میں پورے قرآن کی تلاوت جتنا ہے۔ مہمان نوازی کے آداب: وسائل الشیعہ میں ایک حدیث ہے جس میں روزہ کے آداب بیان ہوئے ہیں جن میں سے کچھ اس طرح ہیں: روزہ دار جھوٹ نہ بولے، بے جا بحث و مباحثہ نہ کرے، غیبت نہ کرے، حق کی مخالفت نہ کرے، فحش گوئی نہ کرے، ڈانٹ ڈپٹ اور غصہ نہ کرے، بات بات پر تیش میں نہ آئے، دوسروں کو طعنہ نہ دے، دوسروں پر ظلم نہ کرے، لوگوں کو اذیت نہ دے، غفلت نہ برتے، گنہگاروں سے میل جول نہ رکھے، چغلخوری نہ کرے، حرام نہ کھائے، نماز ادا کرے، سچ بولے، سچ سنے اور قیامت کو یادکرے۔ اس مہمان نوازی میں داخل ہونے کی شرط: اس میں فقط بھوک اور پیاس کو برداشت کرنا نہیں۔ حدیث میں ہے کہ جو شخص آسمانی رہبروں کی اطاعت سے بغاوت کرے یا خاندانی مسائل یا ذاتی حوالوں سے اپنی بیوی سے بداخلاقی کرے یا اس کے جائز مطالبات کو پورا نہ کرے یا والدین کو ناراض کرے تو ایسے شخص کا روزہ قبول نہیں ہے۔ مریض اور مسافر پر روزے کی قضا واجب ہے (فَعِدَّۃٌ مِّنۡ اَیَّامٍ اُخَرَ)۔ اللہ تعالیٰ کے احکام میں آسانی ہے اور یہ احکام انسان کی طاقت کے مطابق ہیں (یُرِیۡدُ اللّٰہُ بِکُمُ الۡیُسۡرَ)۔ روزہ انسان کے لیے ہدایت کا وسیلہ اور اس کی طرف سے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کا عمل ہے (لِتُکَبِّرُوا اللّٰہَ عَلٰی مَا ہَدٰىکُمۡ وَ لَعَلَّکُمۡ تَشۡکُرُوۡنَ)۔

آیت ۱۸۶:

دعا کرنے والا اس قدر اللہ تعالیٰ کامحبوب ہے کہ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے اس پر اپنے لطف و کرم کی خاطر سات مرتبہ متکلم وحدہ کی ضمیر لائی ہے۔ اگر بندے میرے بارے سوال کریں تو ان سے یہ کہو، میں ان کے قریب ہوں، جب دعا کریں تو میں دعا کو قبول کرتا ہوں، لہذا میرے اوپر ایمان لے آئیں، میری دعوت کو قبول کریں۔ قرآن میں دعا کے لیے آداب ہیں جو اس طرح ہیں: ۱۔ دعا خالصانہ ہو (فَادۡعُوا اللّٰہَ مُخۡلِصِیۡنَ لَہُ الدِّیۡنَ)’’غافر، ۱۴‘‘ ۲۔ خاموشی اور تضرع و زاری کے ساتھ دعا کی جائے (اُدۡعُوۡا رَبَّکُمۡ تَضَرُّعًا وَّ خُفۡیَۃً)’’اعراف، ۵۵‘‘ ۳۔ دعا امید اور خوف کی حالت میں کی جائے (ادۡعُوۡہُ خَوۡفًا وَّ طَمَعًا) ’’اعراف، ۵۵‘‘ ۴۔ اطمینان اور آرام کی حالت میں دعا کی جائے (اِذۡ نَادٰی رَبَّہٗ نِدَآءً خَفِیًّا)’’مریم، ۳‘‘ سوال: کیا وجہ ہے کہ بعض دفعہ ہماری دعا قبول نہیں ہوتی؟ جواب: دعا کے قبول نہ ہونے کی وجہ یا تو یہ ہو سکتی ہے کہ دعا کرنے والے نے خدا سے جو چاہا ہے وہ اس کے حق میں بہتر نہیں ہے، حقیقت میں وہ دعا مانگنے والے کے لیے نقصان دہ ہے۔ یا خیر تو ہے لیکن دعا مانگنے والے نے خالصانہ اور صادقانہ دعا نہیں مانگی، اس میں غیر خدا کی جانب بھی توجہ تھی، یا دعا تو خالصانہ مانگی گئی تھی لیکن اس دعا کی قبولیت ہمارے مفاد میں نہ تھی جیسا کہ روایات میں مذکور ہے۔ اس صورت میں اس کی دعا کی قبولیت کے بدلے میں کوئی مصیبت جو اس پر آنے والی تھی جس کا اس بندے کو پتہ نہیں تھا، اس دعا کی برکت سے وہ مصیبت ٹال دی جاتی ہے، یا اس کا اجر دعا مانگنے والے یا اس کی نسل کے لیے ذخیرہ کردیا جاتا ہے یا آخرت میں اس کا اجر مل جاتا ہے۔ دعا کا مطلب کام و محنت و سعی کوشش کو چھوڑ دینا نہیں ہوتا۔ حدیث میں ہے : جو آدمی تلاش و کوشش کے بغیر فقط دعا سے سب کچھ حل کرنا چاہتا ہے تو ایسے آدمی کی دعا قبول نہیں ہوتی۔ روزہ کی آیت کے بعد دعا کی آیت کو ذکر کرنا شاید اس بات کی جانب اشارہ ہو کہ ماہ رمضان اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے اور اس مہینہ میں دعا کرنا زیادہ مناسب اور بہتر ہے۔ دعا جہاں اور جس وقت بھی کی جائے مفید ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میں بندے کے قریب ہوں (فَاِنِّیۡ قَرِیۡبٌ)، اس لیے دعا کے لیے اگر خاص مقامات اور اوقات ذکر ہوئے ہیں تو اس کا مقصد ان مقامات اور اوقات کی فضیلت کو بیان کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے قریب ہے، اگر کبھی ہمارے اوپر اللہ کا غضب ہوتا ہے تو وہ ہماری اپنی وجہ سے ہے کہ اللہ سے ہم دور ہوجاتے ہیں اور اس دوری کا سبب ہمارے گناہ ہوتے ہیں(فَاِنِّیۡ قَرِیۡبٌ)۔ اگرچہ اللہ تعالیٰ سب کچھ جانتا ہے لیکن دعا کرنا ہماری ذمہ داری ہے (فَلۡیَسۡتَجِیۡبُوۡا لِیۡ)۔ دعا اس وقت قبول ہوتی ہے جب ایمان کے ساتھ ہو (وَ لۡیُؤۡمِنُوۡا بِیۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 187 تا 190
أُحِلَّ لَكُمۡ لَيۡلَةَ ٱلصِّيَامِ ٱلرَّفَثُ إِلَىٰ نِسَآئِكُمۡۚ هُنَّ لِبَاسٞ لَّكُمۡ وَأَنتُمۡ لِبَاسٞ لَّهُنَّۗ عَلِمَ ٱللَّهُ أَنَّكُمۡ كُنتُمۡ تَخۡتَانُونَ أَنفُسَكُمۡ فَتَابَ عَلَيۡكُمۡ وَعَفَا عَنكُمۡۖ فَٱلۡـَٰٔنَ بَٰشِرُوهُنَّ وَٱبۡتَغُواْ مَا كَتَبَ ٱللَّهُ لَكُمۡۚ وَكُلُواْ وَٱشۡرَبُواْ حَتَّىٰ يَتَبَيَّنَ لَكُمُ ٱلۡخَيۡطُ ٱلۡأَبۡيَضُ مِنَ ٱلۡخَيۡطِ ٱلۡأَسۡوَدِ مِنَ ٱلۡفَجۡرِۖ ثُمَّ أَتِمُّواْ ٱلصِّيَامَ إِلَى ٱلَّيۡلِۚ وَلَا تُبَٰشِرُوهُنَّ وَأَنتُمۡ عَٰكِفُونَ فِي ٱلۡمَسَٰجِدِۗ تِلۡكَ حُدُودُ ٱللَّهِ فَلَا تَقۡرَبُوهَاۗ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ ءَايَٰتِهِۦ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمۡ يَتَّقُونَ ١٨٧ وَلَا تَأۡكُلُوٓاْ أَمۡوَٰلَكُم بَيۡنَكُم بِٱلۡبَٰطِلِ وَتُدۡلُواْ بِهَآ إِلَى ٱلۡحُكَّامِ لِتَأۡكُلُواْ فَرِيقٗا مِّنۡ أَمۡوَٰلِ ٱلنَّاسِ بِٱلۡإِثۡمِ وَأَنتُمۡ تَعۡلَمُونَ ١٨٨ ۞ يَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلۡأَهِلَّةِۖ قُلۡ هِيَ مَوَٰقِيتُ لِلنَّاسِ وَٱلۡحَجِّۗ وَلَيۡسَ ٱلۡبِرُّ بِأَن تَأۡتُواْ ٱلۡبُيُوتَ مِن ظُهُورِهَا وَلَٰكِنَّ ٱلۡبِرَّ مَنِ ٱتَّقَىٰۗ وَأۡتُواْ ٱلۡبُيُوتَ مِنۡ أَبۡوَٰبِهَاۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ لَعَلَّكُمۡ تُفۡلِحُونَ ١٨٩ وَقَٰتِلُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ ٱلَّذِينَ يُقَٰتِلُونَكُمۡ وَلَا تَعۡتَدُوٓاْۚ إِنَّ ٱللَّهَ لَا يُحِبُّ ٱلۡمُعۡتَدِينَ ١٩٠
ترجمہ
ماہ رمضان کی راتوں میں بیویوں کے ساتھ ہمبستری تمہارے لیے حلال ہے، بیویاں تمہارا لباس ہیں اور تم ان کے لباس ہو، اللہ جانتا ہے کہ تم اپنے ساتھ خیانت کرتے تھے(بیویوں سے ہمبستری جو ممنوع تھی تم اسے انجام دیتے تھے) پس اللہ نے تمہاری توبہ کو قبول کرلیا، اللہ نے تم سے درگزر کردیا، اب تم ان کے ساتھ ہمبستر ہوسکتے ہو، اللہ نے جو تمہارے اوپر فرض کیا ہے اسے انجام دو، تم کھاؤ پیو یہاں تک کہ صبح کی سفیدی رات کی سیاہی سے جدا ہوجائے اور تمہارے اوپر آشکار ہوجائے تو پھر تم روزہ کو رات تک رکھو اور اس حالت میں جب تم نے مساجد میں اعتکاف کیا ہو تم اپنی بیویوں سے ہمبستری مت کرو، یہ اللہ کے حلال و حرام کی حدود ہیں، ان حدود کو مت پھلانگو ، اللہ اس طرح اپنی آیات کو لوگوں کے لیے واضح و روشن بیان کرتا ہے تاکہ وہ تقویٰ اپنانے والے بن جائیں۔(۱۸۷) دوسروں کے اموال کو ناحق طور پر آپس میں مت کھاؤ، لوگوں کے اموال سے کچھ حصہ گناہ کے طور پر کھا لینا اور رشوت کے طور پر حکمرانوں اور قاضیوں کی جیبوں میں مت ڈالو جبکہ تم خود جانتے ہو کہ ایسا کرنا گناہ ہے۔(۱۸۸) لوگ تم سے چاند بارے سوال کرتے ہیں تو تم ان سے کہہ دو کہ چاند کا حساب اس لیے قرار دیا ہے کہ تم اپنے کاموں کے اوقات اور حج کے ایام سے آگاہ ہو سکو، نیکی یہ نہیں ہے کہ (حج کے احرام کی حالت میں) گھروں کے پیچھے سے داخل ہوجاؤ بلکہ نیکی تو یہ ہے کہ تقویٰ اختیار کرو اور دروازوں سے گھروں میں داخل ہوجاؤ، اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تاکہ تم کامیاب ہوجاؤ۔(۱۸۹) جو تمہارے ساتھ جنگ کرتے ہیں تم ان کے خلاف اللہ کی راہ میں جہاد کرو لیکن حد سے آگے نہ بڑھو، اللہ حد سے آگے بڑھنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(۱۹۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۸۷:

اسلام کے آغاز میں دن کے علاوہ راتوں میں بھی بیوی سے ہمبستری کرنا ممنوع تھا۔ اسی طرح رات کے ایک طے شدہ وقت میں افطار کرنا ہوتا تھا۔ اگر روزہ دار سو جاتا تو بیدار ہونے کے بعد اسے غذا کھانے کا حق نہ تھا۔ کچھ مسلمان اس حکم کے باوجود اپنی بیویوں سے ہمبستری کرتے تھے لیکن کچھ مسلمان تمام تر سختی کے باوجود بیداری کے بعد نہیں کھاتے تھے اور اپنی بیویوں سے ہمبستری بھی نہیں کرتے تھے۔ ایک دفعہ پیغمبراکرمﷺ کے اصحاب میں سے ایک نے عرض کیا کہ غذا حاضر ہونے میں دیر ہوگئی تو اسے نیند آگئی اور جب بیدار ہوا تو اس نے اپنے آپ سے کہا کہ مجھے کھانا کھانے کی اجازت نہیں ہے لہذا اس نے کھانا کھائے بغیر روزہ رکھ لیا اور جنگ خندق کے دوران خندق کھودنے کے لیے حاضر ہوگیا اور خندق کھودتے ہوئے بھوک اور پیاس کی وجہ سے بے حال ہوکر بے ہوش ہوگیا۔ اس وقت یہ آیت نازل ہوئی کہ طلوع فجر تک کھانا کھانے کی اجازت ہے اور ماہ رمضان کی راتوں میں اپنی بیویوں سے ہمبستری کرنا بھی جائز ہے۔ اللہ تعالٰی نے تمہارے لیے اس فریضہ کو آسان کردیا ہے اور تمہاری گذشتہ خطاؤں کو معاف کردیا ہے۔ اعتکاف دنیا سے کٹ جانا اور اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آجانا ہے۔ پیغمبراکرمﷺ تمام تر مشکلات اور مصروفیتوں کے باوجود بعض دفعہ چند دنوں کے لیے مسجد میں اعتکاف بیٹھتے تھے، کیونکہ اعتکاف انسان کی روح کو پاکیزہ اور صاف و شفاف بنا دیتا ہے۔ اس حوالے سے کہ اعتکاف کے علاوہ بھی مسجد میں اپنی بیوی سے ہمبستری کرنا ممنوع ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ (عٰاکِفُوۡنَ) سے مسجد میں ٹھہرنا مراد ہو، اس جگہ مخصوص عبادت کے لیے اعتکاف مراد نہ ہو۔ اس آیت میں میاں بیوی کو ایک دوسرے کے لیے لباس سے تشبیہ دی گئی ہے، اس میں بہت سارے نکات پوشیدہ ہیں جن میں سے کچھ اس طرح ہیں: انسان کا لباس ایسا ہو جو اس کے جسم، بناوٹ اور رنگ سے مطابقت رکھتا ہو، اسی طرح میاں بیوی بھی ایک دوسرے کے ہم کفو ہوں، ان کی سوچ، ثقافت اور شخصیت ایک دوسرے کے ساتھ مطابقت رکھتی ہو۔ لباس انسان کے عیبوں کو چھپاتا ہے، اسی طرح شوہر اور بیوی بھی ایک دوسرے کے عیبوں پر پردہ ڈالتے ہیں، ایک دوسرے کی کمزوریوں پر پردہ ڈالتے ہیں۔ لباس انسان کو گرمی سردی سے بچاتا ہے، اسی طرح میاں بیوی گھر کے ماحول کو گرم رکھتے ہیں اور زندگی کا دوستانہ ماحول ٹھنڈا ہونے سے بچاتے ہیں۔ احکام میں تخفیف دین اسلام کی خصوصیات سے ہے(اُحِلَّ لَکُمۡ)۔ جب بھی تم ایک راستہ کو بند کرتے ہو تو دوسرے راستے کو کھلا چھوڑدو۔ اللہ تعالیٰ نے ماہ رمضان میں دن کے وقت بیوی سے ہمبستری کرنے سے منع کیا ہے تو رات کے وقت ہمبستری کرنے کی اجازت دے دی ہے(اُحِلَّ لَکُمۡ لَیۡلَۃَ الصِّیَامِ)۔ اسلام نے انسان کی فطری ضروریات پوری کرنے پر خاص توجہ دی ہے(الرَّفَثُ اِلٰی نِسَآئِکُمۡ)۔ شوہر اور بیوی ایک دوسرے کی فطری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک دوسرے کے محتاج ہیں (ہُنَّ لِبَاسٌ لَّکُمۡ وَ اَنۡتُمۡ لِبَاسٌ لَّہُنَّ)۔ اللہ تعالیٰ کے دستورات کی خلاف ورزی اپنے اوپر ظلم ہے (تَخۡتَانُوۡنَ اَنۡفُسَکُمۡ)۔ اسلامی احکام کا معیار سادہ، فطری اور عمومی ہے، صبح کی سفیدی کا ظاہر ہونا یا تاریکی کا سفیدی سے جدا ہونا ایسی نشانی ہے جسے ہر شخص جہاں بھی ہو آسانی سے سمجھ سکتا ہے (یَتَبَیَّنَ لَکُمُ الۡخَیۡطُ الۡاَبۡیَضُ مِنَ الۡخَیۡطِ الۡاَسۡوَدِ)۔ عبادات میں وقت کے کردار کو نہ بھولیں (اَتِمُّوا الصِّیَامَ اِلَی الَّیۡلِ)۔ گناہ کے اسباب کی روک تھام ضروری ہے، قرآن مجید کہتا ہے کہ گناہ کے نزدیک نہ جاؤ کیونکہ گناہ کے قریب ہونا گناہ کے ارتکاب کا سبب بنتا ہے (فَلَا تَقۡرَبُوۡہَا)۔ اسلامی احکام کا فلسفہ تقویٰ کا حصول ہے، روزہ کا مقصد بھی تقویٰ کا حصول ہے نیز جائز طریقہ سے جنسی خواہش کو پورا کرنا بھی تقویٰ کا سبب ہے(لَعَلَّہُمۡ یَتَّقُوۡنَ)۔

آیت ۱۸۸:

رشوت ان بڑے گناہوں میں سے ہے جس کے معاشرے پر بہت سارے برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔منجملہ معاشرہ کے ضعیف طبقات کے لیے ناامیدی اور مایوسی کا سبب ہے، طاقتوروں میں دوسروں پر ظلم کرنے اور ان کا حق کھانے کی جرائت پیدا ہوجاتی ہے، قضات اور حکمرانوں کے بگڑ جانے کا سبب ہوتا ہے جس کی وجہ سے معاشرے کے افراد کا حکمرانوں اور قاضیوں پر اعتماد نہیں رہتا۔ رسول اکرمﷺنے فرمایا: (مِنَ السُّحْتِ ثَمَنُ الْمَيْتَةِ وَ الْكَلْبِ وَ الْخَمْرِ وَ مَهْرُ الزَانِیَۃِ وَ الرِشْوَۃِ فِی الحکم) مردار، کتے اور شراب کی قیمت اور زانیہ عورت کا مہر لینا اور فیصلہ میں رشوت لینا حرام ہے۔ رسول اکرمﷺنے فرمایا: رشوت لینا، رشوت دینا اور رشوت کے لیے واسطہ بننا لعنت کا سبب ہے، رشوت لینے والا بہشت کی خوشبو سے محروم ہوگا۔ کچھ لوگ دستورات الٰہی کی خلاف ورزی کے لیے جواز پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جیسے رشوت کو تحفہ، زحمتوں کا عوض، پیار و دوستی کا تقاضا جیسے عناوین دیتے ہیں۔ ایک دفعہ اشعث بن قیس نامی شخص نے حضرت علی علیہ السلام کے گھر مٹھائی ’’حلوہ‘‘ بھیج دیا تاکہ اس طرح فیصلہ دیتے وقت امیرالمومنین علیہ السلام اس کے حق میں فیصلہ دیں۔ امیرالمومنین علیہ السلام نے قسم اٹھا کر فرمایا کہ اگر پوری کائنات مجھے دی جائے کہ میں ناحق طور پر جو کا چھلکا چیونٹی کے منہ سے لے لوں تو ایسا نہ کروں گا۔ کسی چیز کی مالکیت صحیح راستہ سے حاصل کی جائے، ناحق طریقوں اور رشوت کے ذریعہ حاصل کئے گئے مال کا انسان مالک نہیں بنتا اور اس کو استعمال کرنا بھی جائز نہیں (وَ لَا تَاۡکُلُوۡۤا اَمۡوَالَکُمۡ بَیۡنَکُمۡ بِالۡبَاطِلِ)۔ معاشرہ جسم واحد کی مانند ہے (اَمۡوَالَکُمۡ بَیۡنَکُمۡ)۔ وہ لغزشیں اور خطائیں زیادہ خطرناک ہوتی ہیں جنہیں جان بوجھ کر انجام دیا جائے (وَ اَنۡتُمۡ تَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۱۸۹:

(مَوَاقِیۡت)میقات کی جمع ہے جو معین جگہ یا معین وقت پر بولا جاتا ہے جو مخصوص کام کے لیے ہوتا ہے۔ اسلام کے امتیازات میں سے ایک یہ ہے کہ وہ اپنے پیروکاروں کو فطری معیارات پیش کرتاہے۔ نماز کے اوقات کے لیے سورج کے طلوع و غروب اور زوال کا وقت قرار دیا ہے۔ ماہ رمضان کے آغاز و اختتام اور حج کے اعمال کے لیے چاند کی پہلی تاریخ قرار دیا ہے۔ چاند کی مختلف شکلوں کو ایک عمومی کلینڈر قرار دیا ہے جو ہر شخص کے دسترس میں ہے۔ اگر کسی کام کو انجام دینے کےمختلف طریقے موجود ہوں تو اسی طریقہ سے کام انجام دیا جائے جو فطری اور مناسب ہے۔ کسی بھی کام کو انجام دینے کے لیے مناسب وقت اور مناسب شیوہ اور طریقہ اپنانا ضروری ہے۔ سعادت اور خوش نصیبی کا بھی ایک راستہ ہے اس کے لیے اسی راستہ کو اپنائیں اور اس راستہ کو آسمانی کتابوں اور الٰہی رہبروں کے دستورات کے تحت طے کیا جائے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: اس آیت (وَ اۡتُوا الۡبُیُوۡتَ مِنۡ اَبۡوَابِہَا)سے مراد یہ ہے کہ ہر کام کو اس کے مناسب طریقہ اور راستہ سے انجام دیا جائے۔ پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: میں علم کا شہر ہوں اور علی علیہ السلام اس کا دروازہ ہے۔ چاند اور سورج کی حرکت دقیق زمان بندی کے تحت ہے جس کے تحت زندگی کے امور کو ترتیب دے سکتے ہیں (قُلۡ ہِیَ مَوَاقِیۡتُ لِلنَّاسِ)۔ اسلام نے جاہلیت کی خرافات کو مسترد کیا ہے (لَیۡسَ الۡبِرُّ بِاَنۡ تَاۡتُوا الۡبُیُوۡتَ مِنۡ ظُہُوۡرِہَا)۔ جب تم کسی غلط راستہ سے روکنا چاہو تو اس کے لیے درست متبادل راستہ بھی بتاؤ (لَیۡسَ الۡبِرُّ ۔۔۔وَ لٰکِنَّ الۡبِرَّ)۔ وقت کا خیال رکھنا، کاموں میں نظم و ضبط اور عبادات کے اوقات کا خیال رکھنا تقویٰ کے مصادیق سے ہے (مَوَاقِیۡتُ لِلنَّاسِ۔۔۔لَعَلَّکُمۡ تُفۡلِحُوۡنَ)۔ کامیابی کمال کی انتہا ہے، بہت سارے دستورات تقویٰ کے لیے ہیں اور تقویٰ کا مقصد کامیابی کا حصول ہے (اتَّقُوا اللّٰہَ لَعَلَّکُمۡ تُفۡلِحُوۡنَ)۔

آیت ۱۹۰:

اس آیت میں واضح حکم دیا گیا ہے کہ زیادتی کرنے والوں اور ظالموں کے خلاف جہاد کرو، اپنا دفاع کرو لیکن اس کے ساتھ یہ بھی یاد دلایا ہے کہ میدان جنگ میں بھی الٰہی حدود سے تجاوز نہ کیا جائے، بیماروں، بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے جن کا تم سے کچھ سروکار نہیں۔ نیز یہ کہ اسلام کی طرف دعوت دینے سے پہلے اسلحہ نہ اٹھاؤ اور جنگ شروع نہ کرو، جنگ کے دوران بھی انسانی جذبات کا خیال رکھو۔ مسلمانوں کی جنگ اپنے اور اللہ تعالٰی کے دین کے دفاع کے لیے ہے لیکن ان کے دشمنوں کی جنگ کا ہدف نور خدا کو بجھانا ہے (لِیُطۡفِـُٔوۡا نُوۡرَ اللّٰہِ بِاَفۡوَاہِہِمۡ)’’صف، ۸‘‘ اور یہ کہ مسلمانوں کو اپنے تابع بنائیں (وَ لَنۡ تَرۡضٰی عَنۡکَ الۡیَہُوۡدُ وَ لَا النَّصٰرٰی حَتّٰی تَتَّبِعَ مِلَّتَہُمۡ)’’بقرہ، ۱۲۰‘‘ اپنا دفاع کرنا انسانی حقوق میں سے ہے، جو بھی ہمارے خلاف جنگ چھیڑے تو ہم بھی اس کے ساتھ جنگ کرنے کا حق رکھتے ہیں (قَاتِلُوۡا۔۔۔الَّذِیۡنَ یُقَاتِلُوۡنَکُمۡ)۔ اسلامی نقطہ نظر سے جنگ کا مقصد زمین اور پانی کا حصول یا لوگوں کا استحصال یا انتقام لینا نہیں بلکہ اس کا مقصد حق کا دفاع کرنا ہے تا کہ معاشرہ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا خاتمہ کیا جاسکے اور انسانوں کو خرافات اور وہمیات سے نجات دی جا سکے (فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ جنگ میں بھی عدل و انصاف کا خیال رکھا جائے (قَاتِلُوۡا ۔۔۔ لَا تَعۡتَدُوۡا)۔ اپنے فطری حق کے دفاع میں بھی اللہ تعالیٰ کو یاد رکھا جائے، اگرچہ دشمن نے تمہارے خلاف جنگ چھیڑی ہو لیکن پھر بھی تم اللہ کی راہ میں اپنا دفاع کرو، اس میں اپنے ذاتی مسائل مد نظر نہ ہوں(فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 191 تا 196
وَٱقۡتُلُوهُمۡ حَيۡثُ ثَقِفۡتُمُوهُمۡ وَأَخۡرِجُوهُم مِّنۡ حَيۡثُ أَخۡرَجُوكُمۡۚ وَٱلۡفِتۡنَةُ أَشَدُّ مِنَ ٱلۡقَتۡلِۚ وَلَا تُقَٰتِلُوهُمۡ عِندَ ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِ حَتَّىٰ يُقَٰتِلُوكُمۡ فِيهِۖ فَإِن قَٰتَلُوكُمۡ فَٱقۡتُلُوهُمۡۗ كَذَٰلِكَ جَزَآءُ ٱلۡكَٰفِرِينَ ١٩١ فَإِنِ ٱنتَهَوۡاْ فَإِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ١٩٢ وَقَٰتِلُوهُمۡ حَتَّىٰ لَا تَكُونَ فِتۡنَةٞ وَيَكُونَ ٱلدِّينُ لِلَّهِۖ فَإِنِ ٱنتَهَوۡاْ فَلَا عُدۡوَٰنَ إِلَّا عَلَى ٱلظَّٰلِمِينَ ١٩٣ ٱلشَّهۡرُ ٱلۡحَرَامُ بِٱلشَّهۡرِ ٱلۡحَرَامِ وَٱلۡحُرُمَٰتُ قِصَاصٞۚ فَمَنِ ٱعۡتَدَىٰ عَلَيۡكُمۡ فَٱعۡتَدُواْ عَلَيۡهِ بِمِثۡلِ مَا ٱعۡتَدَىٰ عَلَيۡكُمۡۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ مَعَ ٱلۡمُتَّقِينَ ١٩٤ وَأَنفِقُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ وَلَا تُلۡقُواْ بِأَيۡدِيكُمۡ إِلَى ٱلتَّهۡلُكَةِ وَأَحۡسِنُوٓاْۚ إِنَّ ٱللَّهَ يُحِبُّ ٱلۡمُحۡسِنِينَ ١٩٥ وَأَتِمُّواْ ٱلۡحَجَّ وَٱلۡعُمۡرَةَ لِلَّهِۚ فَإِنۡ أُحۡصِرۡتُمۡ فَمَا ٱسۡتَيۡسَرَ مِنَ ٱلۡهَدۡيِۖ وَلَا تَحۡلِقُواْ رُءُوسَكُمۡ حَتَّىٰ يَبۡلُغَ ٱلۡهَدۡيُ مَحِلَّهُۥۚ فَمَن كَانَ مِنكُم مَّرِيضًا أَوۡ بِهِۦٓ أَذٗى مِّن رَّأۡسِهِۦ فَفِدۡيَةٞ مِّن صِيَامٍ أَوۡ صَدَقَةٍ أَوۡ نُسُكٖۚ فَإِذَآ أَمِنتُمۡ فَمَن تَمَتَّعَ بِٱلۡعُمۡرَةِ إِلَى ٱلۡحَجِّ فَمَا ٱسۡتَيۡسَرَ مِنَ ٱلۡهَدۡيِۚ فَمَن لَّمۡ يَجِدۡ فَصِيَامُ ثَلَٰثَةِ أَيَّامٖ فِي ٱلۡحَجِّ وَسَبۡعَةٍ إِذَا رَجَعۡتُمۡۗ تِلۡكَ عَشَرَةٞ كَامِلَةٞۗ ذَٰلِكَ لِمَن لَّمۡ يَكُنۡ أَهۡلُهُۥ حَاضِرِي ٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ شَدِيدُ ٱلۡعِقَابِ ١٩٦
ترجمہ
وہ (مشرکین جو ہر قسم کی زیادتی کرتے ہیں) جہاں پر ہوں انہیں قتل کردو اور جس طرح انہوں نے تمہیں مکہ سے نکالا اسی طرح تم بھی انہیں مکہ سے نکال دو، یہ بات جان لو کہ فتنہ و فساد قتل سے زیادہ سخت ہے، مسجد الحرام کے قریب ان سے جنگ نہ کرو، مگر وہ افراد جو اس جگہ تم سے جنگ کریں تو تم بھی انہیں قتل کرو، کافروں کی سزا یہی ہے۔(۱۹۱) اگر وہ جنگ سے ہاتھ کھینچ لیں تو اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(۱۹۲) ان سے جنگ کرو تا کہ فتنہ و فساد باقی نہ رہے اور فقط اللہ ہی کا دین رہے اور اگر وہ دشمنی سے ہاتھ اٹھالیں تو ظالموں کے علاوہ کسی پر زیادتی نہ ہو۔(۱۹۳) حرمت والا مہینہ حرمت والے مہینے کے مقابلے میں ہے، اگر دشمنوں نے اس کے احترام کو پامال کیا تو تمہیں بھی حق ہے کہ تم بھی ان کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرو جیسا وہ تمہارے ساتھ کرتے ہیں، قاتل کی سزا قصاص ہے اور جس نے تمہارے اوپر حملہ کیا تو جیسے انہوں نے زیادتی کی ہے تم بھی ان پر حملہ کرو اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور جان لو کہ اللہ متقین کے ساتھ ہے۔(۱۹۴) اللہ کی راہ میں انفاق کرو اور اپنے آپ کو ہلاکت میں مت ڈالو، نیک عمل کرو کہ اللہ نیک عمل کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔(۱۹۵) حج اور عمرہ کو اللہ کی خاطر انجام دو اور اگر تمہیں حج انجام دینے سے روک دیا جائے تو تمہارے اوپر ہے کہ تم اتنی قربانی کرو جس قدر تم کرسکتے ہو، اپنے سروں کے بالوں کو کاٹ نہ دو مگر یہ کہ قربانی، قربان گاہ تک پہنچ جائے اور جو تم میں سے مریض ہے جس کی وجہ سے وہ حج کو مکمل نہ کر سکے یا اس کے سر میں تکلیف ہو اور وہ سر کو نہ مونڈوا سکے تو وہ اس کے بدلہ میں روزہ رکھے یا صدقہ دے یا گوسفند ذبح کرے، جب بیماری یا دشمن کے شر سے محفوظ ہوجائے تو جس کسی نے عمرہ تمتع کے بعد حج کے اعمال کا آغاز کردیا، قربانی سے جو میسر ہو اسے ذبح کرے اور جس کے پاس قربانی نہ ہو تو وہ اس کے بدلہ میں تین دن حج کے ایام میں روزہ رکھے اور سات دن واپس گھر جا کر رکھے تو یہ پورے دس روز ہوجائیں گے، یہ ان کے لیے ہے جن کا گھر مسجد الحرام(مکہ) کے پاس نہ ہو اور تم اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور یہ جان لو کہ بتحقیق اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔(۱۹۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۹۱:

اس آیت میں مشرکین کو مکہ سے نکالنے کے فرمان کی وجہ بیان کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ مشرکین کو اس لیے مکہ سے نکالنے کا حکم دیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے سالہا سال تمہیں اذیتیں پہنچائیں، تمہیں مکہ سے نکالا، بے گھر کیا۔ تکلیف پہنچانا قتل سے زیادہ سخت ہے لہذا ان کے ساتھ کسی قسم کی نرمی مت کرو۔ دشمن کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرو جیسا سلوک وہ تمہارے ساتھ کرتا ہے (وَ اقۡتُلُوۡہُمۡ)۔ وطن کا حق تمام ادیان میں قبول شدہ ہے، سب اس حق کو تسلیم کرتے ہیں (اَخۡرَجُوۡکُمۡ)۔ فتنہ پھیلانے والا، محارب’’جنگ کرنےوالے‘‘کی مانند ہے، اس کو سخت ترین سزا دی جائے (وَ اقۡتُلُوۡہُمۡ ۔۔۔ اَخۡرِجُوۡہُمۡ ۔۔۔وَ الۡفِتۡنَۃُ اَشَدُّ مِنَ الۡقَتۡلِ)۔ مسجد الحرام مقدس اور محترم ہے لیکن مسلمانوں کے خون کا احترام اس سے بھی زیادہ ہے، اس جگہ اہم اور زیادہ اہم کا مسئلہ ہے، زیادہ اہم، اہم پر مقدم ہے (وَ لَا تُقٰتِلُوۡہُمۡ عِنۡدَ الۡمَسۡجِدِ الۡحَرَامِ حَتّٰی یُقٰتِلُوۡکُمۡ)۔

آیت ۱۹۲:

مسلمان حقیقی جنگ بندی کو قبول کرتے ہیں (فَاِنِ انۡتَہَوۡا)۔ اسلام نے واپسی کا راستہ کھلا چھوڑا ہے، حتی یہ راستہ کافروں کے لیے بھی کھلا ہے (فَاِنِ انۡتَہَوۡا۔۔۔)۔ اگر کافر فتنہ انگیزی سے رک جائیں، جنگ بندی کریں اور ایمان لے آئیں تو انہوں نے ماضی میں جو جرائم کئے ہیں ان پر ان کی ملامت مت کرو (فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ)۔

آیت ۱۹۳:

(فِتۡنَۃ) کفر، شرک، آزمائش اور اذیت دینے کے معنی میں آیا ہے۔ یہ آیت بتا رہی ہے کہ اگر کافروں نے فتنہ و فساد اور قتل و غارت سے ہاتھ روک لیا تو پھر ان کے ساتھ جنگ اور دشمنی نہ ہوگی کیونکہ جنگ ظالموں اور زیادتی کرنے والوں کے ساتھ لڑی جاتی ہے۔ اسلامی نقطہ نظر سے جنگ کا ہدف شرک کا خاتمہ، دین کا نفاذ اور اللہ تعالٰی کے قانون کی بالادستی قائم کرنا ہے (حَتّٰی لَا تَکُوۡنَ فِتۡنَۃٌ وَّ یَکُوۡنَ الدِّیۡنُ لِلّٰہِ)۔ واپسی اور توبہ کا راستہ کسی کے لیے بند نہیں ہے، ہر حال میں یہ راستہ کھلا رہتا ہے اور سب کے لیے یہ راستہ موجود ہے اگرچہ وہ بدترین دشمن ہیں کیوں نہ ہو، اگر وہ اپنے رویہ کو بدل لیتا ہے تو اللہ تعالٰی اسے معافی دے دیتا ہے (فَاِنِ انۡتَہَوۡا فَلَا عُدۡوَانَ۔۔۔)۔

آیت ۱۹۴:

اسلام سے پہلے عربوں میں سال کے چار مہینوں کا خاص احترام تھا اور وہ ان مہینوں میں جنگ اورلڑائی جھگڑا کو ممنوع اور ناجائز سمجھے جاتے تھے اور سب عرب اس کی پابندی کرتے تھے۔ یہ چار مہینے ذی القعدہ، ذالحجہ، محرم اور رجب تھے۔ اسلام نے اس روایت کو قبول کیا اور ان چار مہینوں میں جنگ بندی کا اعلان کیا لیکن دشمن ہمیشہ کمین گاہ میں تھا، وہ ہر موقع سے غلط فائدہ اٹھاتا تھا اور خیال کرتا تھا کہ مسلمان پابند ہیں کہ وہ ان چار مہینوں میں جنگ نہ کریں، لہذا ہم ان ایام میں ان پر حملہ کردیتے ہیں۔ یہ آیت بیان کررہی ہے کہ اگر تمہارا دشمن ان چار مہینوں میں تمہارے اوپر حملہ کردے تو تم بھی ان پر حملہ کردو اور ماہ حرام کو ماہ حرام کے مقابلے میں قرار دو، کیونکہ مسلمانوں کے خون کا احترام ان مہینوں سے زیادہ ہے۔ اسلامی نظام کی حفاظت تمام چیزوں پر مقدم ہے۔ جس کسی نے ان مہینوں کی حرمت کو پامال کیا تو اس سے انتقام لیا جائے، قصاص کا قانون استعمال کیا جائے۔ اس حوالے سے ایک کلی قانون بیان کیا ہے کہ جو شخص تمہارے ساتھ زیادتی کرے تو تم بھی اتنی مقدار میں اس کو جواب دو، تقویٰ اپناؤ اور جتنی مقدار انہوں نے زیادتی کی ہے اتنی ہی مقدار میں تم ان کے خلاف کاروائی کرو اور قصاص لینے میں حد سے آگے نہ بڑھو اور یہ جان لو کہ اللہ تعالیٰ متقین کے ساتھ ہے۔ سارے اوقات ایک جیسے نہیں، بعض مہینوں کا خاص احترام ہے اور ان میں بعض اعمال ممنوع اور انہیں انجام دینا حرام ہے (اَلشَّہۡرُ الۡحَرَامُ)۔ اسلام جس طرح دوسروں پر زیادتی کرنے سے منع کرتا ہے اسی طرح دوسروں کے ظلم و زیادتی کو قبول کرنے سے بھی منع کرتا ہے (فَمَنِ اعۡتَدٰی عَلَیۡکُمۡ فَاعۡتَدُوۡا عَلَیۡہِ)۔ دشمنوں کے ساتھ بھی منصفانہ رویہ اپناؤ ( فَاعۡتَدُوۡا عَلَیۡہِ بِمِثۡلِ مَا اعۡتَدٰی عَلَیۡکُمۡ)۔ جنگ میں بھی عدل و انصاف کے اصولوں کی پابندی کرو تو الٰہی امدادات آپ کو ملیں گی، یہ خیال مت کرو کہ عدل و انصاف اور تقویٰ اختیار کرو گےتو تم پیچھے رہ جاؤ گے، ایسا نہیں (بِمِثۡلِ مَا اعۡتَدٰی۔۔۔وَ اتَّقُوا۔۔۔اعۡلَمُوۡۤا اَنَّ اللّٰہَ مَعَ الۡمُتَّقِیۡنَ)۔

آیت ۱۹۵:

پے در پے پانچ آیات میں مسلمانوں کو دین کا دفاع کرنے اور کافروں کے مقابلہ کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے، اس آیت میں انفاق، احسان اور نیکی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس آیت میں انفاق کرنے کا حکم دیا گیا ہے لیکن ہر قسم کے افراط اور تفریط سے منع کیا گیا ہے، کیونکہ اگر مالدار بخل کریں گے اور محروموں کی فکر نہ کریں گے تو طبقاتی اختلاف روز بروز بڑھ جائے گا جو معاشرہ کی تباہی کا سبب ہوگا۔ اگر انفاق میں میانہ روی نہ ہوگی تو انسان کے پاس جو کچھ ہے اسے دوسروں کو بخش دے تو وہ اپنے ہاتھوں سے خود کو اور اپنے گھرانے کو ہلاکت میں ڈال دے گا، لہذا کہا گیا ہے کہ خود کو اپنے ہاتھوں سے ہلاکت میں نہ ڈالو۔ انسان کو یہ بات پسند ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کا محبوب بنے، اس لیے قرآن مجید کہہ رہا ہے کہ نیک عمل کرو کہ اللہ تعالیٰ نیک لوگوں کو محبوب رکھتا ہے۔ مالی تعاون کے بغیر جہاد نہیں کیا جاسکتا، اس لیے جب جہاد شروع ہوجائے اور دشمن حملہ آور ہو اور لوگ مال بچانے کی فکر میں ہوں اور جہاد کے لیے اموال خرچ نہ کریں گے تو یقینی طور پر وہ شکست سے دوچار ہوں گے (اَنۡفِقُوۡا)۔ انفاق کے ذریعہ اپنے آپ کو اور اپنے اموال کو محفوظ بناؤ (اَنۡفِقُوۡا۔۔۔وَ لَا تُلۡقُوۡا بِاَیۡدِیۡکُمۡ اِلَی التَّہۡلُکَۃِ)۔ ایک مسلمان کے لیے جنگ کے محاذ پر موجود ہونا اور اموال کا خرچ کرنا سب پر الٰہی رنگ ہونا چاہیے (فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔

آیت ۱۹۶:

اس آیت میں حج اورعمرہ کے کلی احکام کا تذکرہ ہوا ہے لیکن ان کی تفصیل احادیث اور مجتہدین کے فتاویٰ میں موجود ہے۔ حج کے مناسک ’’اعمال‘‘ کی بنیاد حضرت ابراہیم علیہ السلام نے رکھی۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے زمانہ سے عربوں میں یہ معمول تھا کہ وہ حج کے اعمال انجام دیتے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے اسے اسلام میں بھی جاری رکھا گیا اور قیامت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ عمرہ زیارت کے معنی میں ہے۔ جو بھی مکہ میں وارد ہو تو اس پر واجب ہے کہ وہ مکہ میں احرام کے ساتھ داخل ہو اور کعبہ کا طواف اور اس کی زیارت کرے۔ حج اور عمرہ کی مثال اذان و اقامت کی ہے۔ دونوں کے اعمال ایک جیسے ہیں، ان میں تھوڑا بہت فرق ہے۔ ’’ھدی‘‘ حج میں قربانی کا نام ہے۔ اضطراری مسائل ضرورت کے وقت کے لیے مخصوص ہوتے ہیں۔ معمول کے برعکس سفر میں روزہ نہیں رکھا جاتا جبکہ حج کے سفر میں اگر کوئی قربانی ذبح نہ کرسکے تو اس کے بدلے میں روزہ واجب ہے اور تین دن ’’سات، آٹھ اور نو ذالحجہ کو‘‘ مکہ میں روزے رکھے۔ دس کو روز عید قربان ہے، اس دن روزہ رکھنا حرام ہے۔ آئمہ معصومین علیہم السلام نے (اَتِمُّوا الۡحَجَّ) کی تفسیر میں بیان کیا ہے کہ مکمل حج یہ ہے کہ اس میں بدکلامی نہ ہو، گناہ نہ کیا جائے، جھگڑا نہ کیا جائے، حرام چیزوں سے دور رہا جائے تو انسان کو توفیق مل سکتی ہے کہ وہ امام زمانہ علیہ السلام سے ملاقات کرے۔ دینی فرائض کو مکمل طور پر انجام دیا جائے۔ حج کے اعمال شروع کرنے کے بعد انہیں ادھورا اور ناتمام نہیں چھوڑا جاسکتا(اَتِمُّوا)۔ حج کے اعمال میں قصد قربت اور عبادت کی نیت کرنا ضروری ہے، حج کو سیاحت اور تفریح کے عنوان سے انجام نہیں دیا جاسکتا (اَتِمُّوا۔۔۔لِلّٰہِ)۔ اسلام احکام میں لوگوں پر سختی نہیں کرتا، جو شخص بیمار ہو یا اس کے لیے بیرونی خطرات ہوں تو اس صورت میں اس پر حج اور عمرہ انجام دینا واجب نہیں (فَاِنۡ اُحۡصِرۡتُمۡ فَمَا اسۡتَیۡسَرَ مِنَ الۡہَدۡیِ)۔ عبادات میں، عبادت کی جگہ کاکردار ہے ( یَبۡلُغَ الۡہَدۡیُ مَحِلَّہٗ)۔ اگرچہ بعض موارد میں بیماری عبادت میں تخفیف کا سبب ہے لیکن اس وجہ سے عبادت کو بالکل چھوڑ نہیں دیا جاسکتا۔ حج میں اگر معذور افراد کچھ اعمال کو انجام نہ دے سکیں تو ان کی تلافی قربانی، روزہ رکھنے یا صدقہ دینے کے ذریعہ کی جائے گی، اس طرح چھٹ جانے والے اعمال کی تلافی ہوجائے گی (فَمَنۡ کَانَ مِنۡکُمۡ مَّرِیۡضًا اَو۔۔۔فَفِدۡیَۃٌ مِّنۡ صِیَامٍ اَوۡ صَدَقَۃٍ اَوۡ نُسُکٍ)۔ حج میں قربانی کرنا اس شخص پر واجب ہے جو قربانی کر سکتا ہو (فَمَا اسۡتَیۡسَرَ مِنَ الۡہَدۡیِ ۚ فَمَنۡ لَّمۡ یَجِدۡ فَصِیَامُ ثَلٰثَۃِ اَیَّامٍ)۔ عمرہ اور حج تمتع کا قانون یہ ہے کہ مکہ کے رہائشی حاجیوں کا فریضہ غیر رہائشی حاجیوں سے مختلف ہے (وَ اَتِمُّوا الۡحَجَّ وَ الۡعُمۡرَۃَ ۔۔۔ ذٰلِکَ لِمَنۡ لَّمۡ یَکُنۡ اَہۡلُہٗ حَاضِرِی الۡمَسۡجِدِ الۡحَرَامِ)۔ عذاب الٰہی کی طرف توجہ دینے سے تقویٰ الٰہی کی راہ ہموار ہوتی ہے(وَ اتَّقُوا اللّٰہَ وَ اعۡلَمُوۡۤا اَنَّ اللّٰہَ شَدِیۡدُ الۡعِقَابِ)۔ الٰہی احکام کی بجا آوری میں تقویٰ پر توجہ دینا ضروری ہے(وَ اَتِمُّوا الۡحَجَّ ۔۔۔وَ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔ جو لوگ حج کے احکام میں تبدیلی لائیں ان پر اللہ کا شدید عذاب ہے (شَدِیۡدُ الۡعِقَابِ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 197 تا 202
ٱلۡحَجُّ أَشۡهُرٞ مَّعۡلُومَٰتٞۚ فَمَن فَرَضَ فِيهِنَّ ٱلۡحَجَّ فَلَا رَفَثَ وَلَا فُسُوقَ وَلَا جِدَالَ فِي ٱلۡحَجِّۗ وَمَا تَفۡعَلُواْ مِنۡ خَيۡرٖ يَعۡلَمۡهُ ٱللَّهُۗ وَتَزَوَّدُواْ فَإِنَّ خَيۡرَ ٱلزَّادِ ٱلتَّقۡوَىٰۖ وَٱتَّقُونِ يَٰٓأُوْلِي ٱلۡأَلۡبَٰبِ ١٩٧ لَيۡسَ عَلَيۡكُمۡ جُنَاحٌ أَن تَبۡتَغُواْ فَضۡلٗا مِّن رَّبِّكُمۡۚ فَإِذَآ أَفَضۡتُم مِّنۡ عَرَفَٰتٖ فَٱذۡكُرُواْ ٱللَّهَ عِندَ ٱلۡمَشۡعَرِ ٱلۡحَرَامِۖ وَٱذۡكُرُوهُ كَمَا هَدَىٰكُمۡ وَإِن كُنتُم مِّن قَبۡلِهِۦ لَمِنَ ٱلضَّآلِّينَ ١٩٨ ثُمَّ أَفِيضُواْ مِنۡ حَيۡثُ أَفَاضَ ٱلنَّاسُ وَٱسۡتَغۡفِرُواْ ٱللَّهَۚ إِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ١٩٩ فَإِذَا قَضَيۡتُم مَّنَٰسِكَكُمۡ فَٱذۡكُرُواْ ٱللَّهَ كَذِكۡرِكُمۡ ءَابَآءَكُمۡ أَوۡ أَشَدَّ ذِكۡرٗاۗ فَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يَقُولُ رَبَّنَآ ءَاتِنَا فِي ٱلدُّنۡيَا وَمَا لَهُۥ فِي ٱلۡأٓخِرَةِ مِنۡ خَلَٰقٖ ٢٠٠ وَمِنۡهُم مَّن يَقُولُ رَبَّنَآ ءَاتِنَا فِي ٱلدُّنۡيَا حَسَنَةٗ وَفِي ٱلۡأٓخِرَةِ حَسَنَةٗ وَقِنَا عَذَابَ ٱلنَّارِ ٢٠١ أُوْلَٰٓئِكَ لَهُمۡ نَصِيبٞ مِّمَّا كَسَبُواْۚ وَٱللَّهُ سَرِيعُ ٱلۡحِسَابِ ٢٠٢
ترجمہ
حج معین مہینہ میں ہے لہذا جو شخص ان مہینوں میں حج کا فریضہ ادا کرتا ہے یہ بات یاد رکھے کہ (بیوی کے ساتھ) ہمبستری، گناہ اور بحث و جدل حج میں جائز نہیں ہے اور جو شخص خیر کے کاموں کو انجام دے تو خدا اسے جانتا ہے، زاد و توشہ اکٹھا کر لو کہ یقینی امر ہے کہ بہترین زاد راہ تقویٰ ہے، اے صاحبان عقل فقط مجھ سے ڈرو ۔(۱۹۷) آپ پر کوئی حرج نہیں کہ حج کے ایام میں تجارت کے ذریعہ اپنے رب کے فضل (رزق) سے بہرہ مند ہوجاؤ، لہذا جب تم عرفات سے کوچ کرو تو مشعرالحرام میں اللہ کو یاد کرو اور اللہ کو اس طرح یاد کرو جس طرح اس نے تمہیں ہدایت دی ہے، یقینی امر ہے کہ تم اس سے پہلے گمراہوں سے تھے۔(۱۹۸) پھر اسی جگہ سے جہاں سے لوگ کوچ کرتے ہیں (منیٰ کی سرزمین کی جانب) کوچ کرو اور اللہ سے گناہوں کی معافی طلب کرو کہ اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(۱۹۹) جب تم اپنے حج کے مناسک (اعمال) کو ادا کرلو تو اللہ کا ذکر کرو جس طرح تم اپنے آباء کو یاد کرتے ہو، بلکہ اس سے بہتر اور بیشتر یاد کرو، کچھ لوگ تو وہ ہیں جو یہ کہتے ہیں: اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں عطا کردے اور ایسے شخص کے لیے آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔(۲۰۰) لیکن لوگوں میں سے کچھ ایسے ہیں جو یہ کہتے ہیں: اے ہمارے رب! ہمیں اس دنیا میں بھی خیر (نیکی) عطا کر اور آخرت میں بھی خیر (نیکی) مرحمت فرما اور ہمیں آتش جہنم سے بچا لے۔(۲۰۱) یہ لوگ اپنی کمائی کا حصہ پائیں گے اور اللہ بہت تیزی سے حساب کرنے والا ہے۔(۲۰۲)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۱۹۷:

اس آیت میں حج تمتع اور عمرہ تمتع کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔ عمرہ تمتع شوال، ذوالقعدہ اور ذوالحجہ کے مہینوں میں انجام دیا جاتا ہے لیکن حج تمتع کا مہینہ ذوالحجہ ہے۔ اسلامی عبادات میں وقت کا اہم کردار ہے (اَلۡحَجُّ اَشۡہُرٌ مَّعۡلُوۡمٰتٌ)۔ حج اور مکہ کی پاکیزہ فضاء کو گناہ اور کینہ کی گندگی سے آلودہ نہ کیا جائے (لَا فُسُوۡقَ ۙ وَ لَا جِدَالَ فِی الۡحَجِّ)۔ اس بات پر یقین کہ اللہ تعالٰی ہر عمل سے آگاہ ہے، انسان میں نیک اعمال بجالانے کا جذبہ اور شوق پیدا ہونے کا سبب بنتا ہے اور فرائض کو انجام دینے میں امید بھی پیدا ہوجاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کا اجر و ثواب دے گا (مَا تَفۡعَلُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ یَّعۡلَمۡہُ اللّٰہُ)۔ ہر سفر کے لیے زاد راہ کی ضرورت ہے، سفر حج کا بہترین زاد راہ تقویٰ ہے (خَیۡرَ الزَّادِ التَّقۡوٰی)۔ پرہیزگاری، عقلمندی کی نشانی ہے (وَ اتَّقُوۡنِ یٰۤاُولِی الۡاَلۡبَابِ)۔

آیت ۱۹۸:

عرفات مکہ سے بیس کیلو میٹر کے فاصلہ پر کھلی سرزمین ہے جس میں حاجیوں نے ۹ ذالحجہ کی ظہر سے غروب تک رہنا ہوتا ہے۔ ’’عرفات‘‘معرفت سے ہے جو پہچاننے کی جگہ کے معنی میں ہے۔ اس جگہ پر حضرت آدم علیہ السلام اور حضرت حوا کی ملاقات ہوئی اور انہوں نے ایک دوسرے کو پہچان لیا اور اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام اور امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا کہ اس جگہ حضرت جبرائیل علیہ السلام نے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے آکر کہا: اپنے مناسک اور فرائض کو جان لو اور انہیں یاد کرلو۔ حضرت امام مہدی علیہ السلام ہر سال عرفات کے میدان میں موجود ہوتے ہیں۔ سرزمین عرفات میں اولیاء اللہ کے نالہ و فریاد، گریہ و زاری اور دعا و مناجات کی یادیں محفوظ ہیں۔ احادیث میں ہے کہ عرفہ کے دن غروب کے وقت اللہ تعالٰی اپنے گھر کے زائرین کے گناہوں کو معاف کردیتا ہے۔ عرفہ کے دن امام حسین علیہ السلام اور امام زین العابدین علیہ السلام سے مخصوص دعائیں منقول ہیں۔ اسلام کی جامعیت کی نشانیوں سے ایک یہ ہے کہ اس میں حج کے عبادتی اعمال کے ساتھ کاروبار اور حلال روزی کمانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ جس طرح سورہ جمعہ میں نماز جمعہ میں شرکت کرنے کے دستور کے ساتھ حکم دیا گیا ہےکہ نماز جمعہ کے اختتام پر تجارت کے لیے جاؤ۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: حج کے اثرات سے ایک یہ ہے کہ اس میں مسلمانوں کا بڑا اجتماع ہوتا ہے جس میں دنیا کے مختلف کونوں سے آئے ہوئے مسلمان اکٹھے ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کو اپنے تجربات منتقل کرتے ہیں، نیز اس میں معاشی امور اور کاروبار کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ اسلام نے فکری جمود کو مسترد کیا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ دین کی توجہ صرف ایک پہلو کی طرف ہے اور حج صرف ایک عبادی عمل ہے لیکن اسلام نے اس قسم کی سوچ کو مسترد کیا ہے اور فرمایا ہے: (لَیۡسَ عَلَیۡکُمۡ جُنَاحٌ)۔ حلال کمائی اللہ تعالیٰ کا فضل ہے، اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے ’’کسب‘‘ کمائی کے لفظ کی بجائے ’’فضل‘‘ کا لفظ استعمال کیا ہے (فَضۡلًا مِّنۡ رَّبِّکُمۡ)۔ اگرچہ تلاش و کوشش انسان کرتا ہے(تَبۡتَغُوۡا) لیکن رزق اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملتا ہے (فَضۡلًا مِّنۡ رَّبِّکُمۡ)۔ عبادت، اللہ تعالیٰ کے دستور کے مطابق انجام دی جانی چاہیے (وَ اذۡکُرُوۡہُ کَمَا ہَدٰىکُمۡ)۔ الٰہی توفیق پر توجہ دینا ایک طرف سے انسان کے گزشتہ گناہوں کی بخشش کا سبب ہے اور دوسری طرف یہ کیفیت اللہ تعالیٰ کے الطاف کے ساتھ انسان کے عشق و تعلق کو مزید بڑھا دیتا ہے (ہَدٰىکُمۡ ۚ وَ اِنۡ کُنۡتُمۡ مِّنۡ قَبۡلِہٖ لَمِنَ الضَّآلِّیۡنَ)۔

آیت ۱۹۹:

اس آیت میں اہل مکہ کو دوسرے لوگوں کے ہمراہ نکلنے کا حکم دے کر یہ بتایا گیا ہےکہ اہل مکہ یہ خیال نہ کریں کہ وہ اہل حرم ہیں اور ان کے عبادی اعمال دوسروں سے مختلف ہیں، اس طرح انہیں متکبرانہ سوچ رکھنے سے روکا گیا ہے اور انہیں حکم دیا گیا ہے کہ وہ بھی دوسرے لوگوں کے ہمراہ کوچ کریں۔ بنیادی طور پر حج کے اثرات اور اس کے فلسفہ میں سے ایک یہ ہے کہ لوگ فرضی اور خیالی امتیازات کو اپنے ذہن سے نکال دیں۔ کیونکہ حج کے ایام میں انسان کو اپنے جوتے، لباس، ٹوپی، پگڑی اور رہائش ہر ایک سے ہاتھ اٹھا لیتا ہے اور وہ ایک ایسے قطرہ کی مانند بن جاتا ہے جو سمندر سے مل جاتا ہے۔ اس آیت میں دو بار اور سابقہ آیت میں ایک مرتبہ ’’افاضہ‘‘کی تعبیر آئی ہے جو اکٹھے حرکت کرنے کے معنی میں ہے، یہ تکرار اس بات کو بتا رہا ہے کہ عبادت میں اجتماعیت کی اہمیت ہے۔ عرفات کے میدان میں بہترین اعمال استغفار اور اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنا ہے۔ اگرچہ اس سرزمین میں اصل عبادت وہاں پر ٹھہرنا اور توقف کرنا ہے، اس کے علاوہ کوئی اور عمل واجب نہیں ہے لیکن ان آیات میں ہمیں اس سرزمین میں اللہ تعالیٰ کے ذکر، استغفار اور اللہ سے اپنے گذشتہ گناہوں کی معافی طلب کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ گویا ہم سے کہا جارہا ہے کہ کیا یہ صحیح ہے کہ ایسی سرزمین جس پر اولیاء اللہ کے آنسو بہے ہوں ہم وہاں پر اس حوالے سے لا تعلق رہیں؟! کسی بھی نام یا عنوان سے اپنے لیے امتیاز چاہنا ممنوع ہے (اَفِیۡضُوۡا مِنۡ حَیۡثُ اَفَاضَ النَّاسُ)۔ انسان کو کبھی بھی مایوس نہیں ہونا چاہیے، ماضی میں جو بھی غلطیاں کی ہوں استغفار کے ذریعے ان کی تلافی کی جاسکتی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہے (وَ اسۡتَغۡفِرُوا اللّٰہَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ)۔

آیت ۲۰۰:

مکہ والوں میں سے کچھ لوگ حج کے اعمال کے اختتام پر ایک جگہ اکٹھے ہو کر اپنے بزرگوں کے کارنامے بیان کرکے ایک دوسرے پر فخر و مباہات کرتے تھے۔ اس حوالے سے قرآن مجید دستور دے رہا ہے کہ اپنے آباء و اجداد کو یاد کرکے فخرو مباہات کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرو، اپنے ماضی کے گناہوں کو یاد کرکے اللہ تعالیٰ سے استغفار کرو اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو یاد کرو اور اس کی دی ہوئی توفیق پر شکر بجالاؤ اور سنجیدگی کے ساتھ یہ کام کرو۔ خدا کا ذکر مقدار میں بھی کثیر ہونا چاہیے (وَ اذۡکُرُوا اللّٰہَ کَثِیۡرًا)’’انفال، ۴۵‘‘ اور کیفیت میں بھی خالصانہ اور عاشقانہ ہو (اَشَدَّ ذِکۡرًا)۔ ہماری سوچ سطحی نہ ہو بلکہ اس میں گہرائی ہو، کچھ لوگ ایسے ہیں جو بہترین اور مقدس ترین مقامات اور بہترین اوقات میں صرف دنیاوی مختصر مادی زندگی کےلیے دعا کرتے ہیں(رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنۡیَا وَ مَا لَہٗ فِی الۡاٰخِرَۃِ مِنۡ خَلَاقٍ)۔

آیت ۲۰۱:

لوگوں کی شناخت کے راستوں سے ایک راستہ یہ ہے کہ ان کی آرزؤں اور دعاؤں کو دیکھا جائے۔ سابقہ آیت میں ایک جماعت کے بارے میں بیان ہوا کہ وہ فقط دنیاوی زندگی کو چاہتے ہیں اور صرف اسی کے لیے ہی دعا کرتے ہیں، ان کی نظر صرف دنیاوی خیر و شر پر ہے۔ لیکن اس آیت میں ان لوگوں کا ذکر ہے جو دنیا اور آخرت دونوں کا خیر اور دونوں جہانوں کے شر سے نجات کی دعا کرتے ہیں۔ پہلے گروہ کا مطلوب و مقصود دنیا ہی ہے جبکہ دوسرے گروہ کے نزدیک وہ دنیا اہمیت رکھتی ہے جس میں خیر ہو اور آخرت تک پہنچنے کا وسیلہ بن جائے۔ احادیث میں دنیا و آخرت کے خیر’’حسنہ‘‘ کے نمونے اور مصادیق بیان ہوئے ہیں لیکن ’’حسنہ‘‘ ان چند نمونوں میں منحصر نہیں ہے، ان کے علاوہ دوسرے امور بھی دنیا و آخرت کا خیر ’’حسنہ‘‘ ہیں۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے اس آیت کی تفسیر کے متعلق فرمایا: اس سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی، آخرت میں بہشت اور دنیاوی زندگی میں اچھا اخلاق مراد ہے۔ دعاؤں میں کلی ہدف کو بیان کیا جائے اور اس کے مصداق کو اللہ تعالیٰ پر چھوڑا جائے، ہمیں چاہیے کہ اللہ تعالیٰ سے حسنہ اور سعادت مانگیں لیکن ہمارا رشد و کمال اور ہماری بہتری کس چیز میں ہے اسے اللہ تعالیٰ کے سپرد کیا جائے۔ ہماری علمی صلاحیتیں محدود ہیں، ہماری معلومات محدود ہیں، ہمیں مستقبل سے آگہی نہیں، ہم اپنے روحانی پہلوں سے آگاہ نہیں اس لیے ہم اپنے لیے جزئی مصادیق معین نہیں کرسکتے اس لیے ہم سے کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے کام کا وسیلہ مانگو کیونکہ ہو سکتا ہے کہ جو وسیلہ تمہاری نظر میں ہے اللہ تعالیٰ اس کی بجائے کسی اور وسیلہ سے تمہارا کام کردے جو تمہاری سوچ میں بھی نہ ہو۔ اللہ تعالٰی سے حج بیت اللہ کی زیارت مانگو، یہ نہ کہو کہ اے اللہ! مجھے مال دے کہ اس سے حج کروں کیونکہ بعض اوقات اللہ تعالیٰ ایسا وسیلہ بنا دیتا ہے کہ جو ہماری سوچ میں بھی نہیں ہوتا۔ دنیا اور آخرت دونوں اکٹھی مانگی جائیں، ان دونوں میں منافات نہیں، شرط یہ ہے کہ انسان حسنہ کی تلاش میں ہو (فِی الدُّنۡیَا حَسَنَۃً وَّ فِی الۡاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً)۔ پرسکون اور آرام دہ زندگی ممنوع نہیں بلکہ اسلامی نقطہ نظر سے اچھی اور پر سکون زندگی مطلوب ہے (رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنۡیَا حَسَنَۃً)۔ دوزخ کا الگ حساب ہے، اس آیت میں باوجود اس کے کہ اللہ تعالیٰ سے آخرت کا ’’حسنہ‘‘ مانگا جارہا ہے لیکن اس کے ساتھ آتش جہنم سے نجات کے لیے علیحدہ دعا مانگی گئی ہے (قِنَا عَذَابَ النَّارِ)۔

آیت ۲۰۲:

قیامت کے دن انسان کے صرف کچھ اعمال کا بدلہ اسے ملے گا، سب کا نہیں (مِمَّا کَسَبُوۡا) کیونکہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ انسان نیک کام تو کرتا ہے لیکن اس میں نیت خالص نہیں ہوتی، قیامت کے دن ایسے کاموں کی جزا اسے نہیں ملے گی لہذا دنیا میں انجام دئے گئے انسان کے سارے نیک کاموں کا بدلہ اسے آخرت میں نہیں ملے گا بلکہ ان اعمال کا اجر و ثواب ملے گا جو خالصانہ انجام دئے گئے ہوں۔ حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ تمام مخلوقات کا حساب ایک ہی مرحلہ میں کرڈالے گا جس طرح تمام لوگوں کو ایک ساتھ رزق دیتا ہے۔ تلاش و کوشش اور محنت کے بغیر کچھ نہیں ملے گا (لَہُمۡ نَصِیۡبٌ مِّمَّا کَسَبُوۡا)۔ تیزی کے ساتھ محاسبہ کرنا ایک امتیاز ہے (سَرِیۡعُ الۡحِسَابِ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 203 تا 210
۞ وَٱذۡكُرُواْ ٱللَّهَ فِيٓ أَيَّامٖ مَّعۡدُودَٰتٖۚ فَممَن تَعَجَّلَ فِي يَوۡمَيۡنِ فَلَآ إِثۡمَ عَلَيۡهِ وَمَن تَأَخَّرَ فَلَآ إِثۡمَ عَلَيۡهِۖ لِمَنِ ٱتَّقَىٰۗ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّكُمۡ إِلَيۡهِ تُحۡشَرُونَ ٢٠٣ وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يُعۡجِبُكَ قَوۡلُهُۥ فِي ٱلۡحَيَوٰةِ ٱلدُّنۡيَا وَيُشۡهِدُ ٱللَّهَ عَلَىٰ مَا فِي قَلۡبِهِۦ وَهُوَ أَلَدُّ ٱلۡخِصَامِ ٢٠٤ وَإِذَا تَوَلَّىٰ سَعَىٰ فِي ٱلۡأَرۡضِ لِيُفۡسِدَ فِيهَا وَيُهۡلِكَ ٱلۡحَرۡثَ وَٱلنَّسۡلَۚ وَٱللَّهُ لَا يُحِبُّ ٱلۡفَسَادَ ٢٠٥ وَإِذَا قِيلَ لَهُ ٱتَّقِ ٱللَّهَ أَخَذَتۡهُ ٱلۡعِزَّةُ بِٱلۡإِثۡمِۚ فَحَسۡبُهُۥ جَهَنَّمُۖ وَلَبِئۡسَ ٱلۡمِهَادُ ٢٠٦ وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن يَشۡرِي نَفۡسَهُ ٱبۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ ٱللَّهِۚ وَٱللَّهُ رَءُوفُۢ بِٱلۡعِبَادِ ٢٠٧ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱدۡخُلُواْ فِي ٱلسِّلۡمِ كَآفَّةٗ وَلَا تَتَّببِعُواْ خُطُوَٰتِ ٱلشَّيۡطَٰنِۚ إِنَّهُۥ لَكُمۡ عَدُوّٞ مُّبِينٞ ٢٠٨ فَإِن زَلَلۡتُم مِّنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡكُمُ ٱلۡبَيِّنَٰتُ فَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ ٢٠٩ هَلۡ يَنظُرُونَ إِلَّآ أَن يَأۡتِيَهُمُ ٱللَّهُ فِي ظُلَلٖ مِّنَ ٱلۡغَمَامِ وَٱلۡمَلَٰٓئِكَةُ وَقُضِيَ ٱلۡأَمۡرُۚ وَإِلَى ٱللَّهِ تُرۡجَعُ ٱلۡأُمُورُ ٢١٠
ترجمہ
مقررہ دنوں میں اللہ کا ذکر کرو، پس جو جلدی کرے اور منیٰ کے اعمال کو دو دنوں میں انجام دے تو اس پر کوئی گناہ نہیں اور جو تاخیر کرے اور وہ منیٰ کے اعمال تین دن میں انجام دے تو اس پر بھی کوئی گناہ نہیں ہے، البتہ یہ اختیار اس کے لیے ہے جس نے احرام کے محرمات سے پرہیز کیا ہو، اللہ کا تقویٰ اختیار کرو کیونکہ تم سب اس کے پاس محشور ہوں گے۔(۲۰۳) دنیا کے متعلق بعض لوگوں کی گفتگو سے آپ کو حیرانگی ہوتی ہے کہ وہ اللہ کو اس کا گواہ بناتا ہے جو اس کے دل میں ہے جبکہ وہ سخت ترین دشمنوں سے ہے۔(۲۰۴) اور جب وہ تم سے منہ پھیر لیتا ہے (اور طاقت حاصل کرلے) تو وہ زمین میں فساد پھیلانے کے لیے کوشش کرتا ہے، لوگوں کی کھیتی باڑی کو ویران کرتا ہے، اللہ فتنہ و فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(۲۰۵) جب اس سے کہا جائے اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تو غرور و تکبر اسے گناہ پر ابھارتا ہے، دوزخ کی آگ اس کے لیے کافی ہے، کتنی ہی بری جگہ ہے اس کے لیے۔(۲۰۶) لوگوں میں ایسا شخص بھی موجود ہے جو اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اپنی جان کا سودا کرتا ہے، اللہ تو اپنے بندوں پر مہربان ہے۔(۲۰۷) اے وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہو! سب صلح و دوستی میں آجاؤ اور شیطان کے اقدامات کی پیروی مت کرو، وہ تمہارا کھلا دشمن ہے۔(۲۰۸) روشن نشانیوں کے آنے کے بعد جو تمہارے پاس آگئیں ہیں اگر تم لڑکھڑا جاؤ تویہ جان لو کہ خدا عزیز و حکیم ہے۔(۲۰۹) کیا مشرکین اس انتظار میں ہیں کہ خدا بادلوں کے سائبان میں ان کے پاس آئے اور فرشتے بھی اتر جائیں اور فیصلہ کردیا جائے؟ جبکہ سارے امور اللہ کی طرف پلٹائے جاتے ہیں۔(۲۱۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۰۳:

حدیث میں آیا ہے کہ عید قربان کی نماز ظہر کے بعد پندرہ نمازوں تک ہر نماز کے بعد درج ذیل تکبیرات پڑھی جائیں جس کا اختتام تیرہ ذوالحجہ کی نماز صبح پر ہوتا ہے(اَللہُ اَکْبَرُ اَللہُ اَکْبَرُ،لَااِلٰہَ اِلَّااللہُ وَاللہُ اَکْبَرُ،اَللہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ،اَللہُ اَکْبَرُعَلیٰ مَاھَدَانَا اَللہُ اَکْبَرُعَلیٰ مَارَزَقَنَامِنْ بَھِیْمَۃِ الْاَنْعَامِ) اللہ اس سے بزرگ و برتر ہے کہ اس کا وصف بیان کیا جائے، اللہ کے سواء کوئی معبود نہیں، اللہ اس سے بزرگ و برتر ہے کہ اس کا وصف بیان کیا جائے، حمد و شکر اللہ کے لیے مخصوص ہے، اللہ اس سے بزرگ و برتر ہے کہ اس کا وصف بیان کیا جائے، اس بنا پر کہ اس نے ہماری ہدایت کی ہے، اللہ اس سے بزرگ و برتر ہے کہ اس کا وصف بیان کیا جائے، اس بنا پر کہ اس نے جانوروں کا گوشت ہمارے لیے روزی کیا ہے۔ آیت میں ہے کہ جو شخص منیٰ سے نکلنے میں جلدی کرے اور ۱۲ ذوالحجہ کو ظہر کے بعد منیٰ سے باہر آجائے تو کوئی حرج نہیں ہے اسی طرح اگر کوئی تیرہ ذوالحجہ کی رات بھی منیٰ میں موجود رہے تو اس پر بھی کوئی حرج نہیں ہے۔ دعا کی قبولیت میں دعا کرنے کا وقت بھی اثر رکھتا ہے (فِیۡۤ اَیَّامٍ مَّعۡدُوۡدٰتٍ)۔ اللہ تعالیٰ اپنے لطف و کرم کی وجہ سے لوگوں پر سختی نہیں کرتا (فَمَنۡ تَعَجَّلَ۔۔۔وَ مَنۡ تَاَخَّرَ)۔

آیت ۲۰۴:

منافقین اپنی ظاہری معلومات، اندازوں اور قابلیتوں کو سامنے رکھ کر تبصرے اور تجزیے کرتے ہیں اور ان سے نتائج نکالتے ہیں اور ان کی توجہ غیبی امدادات اور الٰہی ارادے پر نہیں ہوتی۔ اس حوالے سے وہ لولے لنگڑے ہیں اور کچھ نہیں جانتے۔ آخرت کے بارے ان کی زبان بند ہے، آخرت میں تو وہ اپنا عذر بھی پیش نہیں کرسکیں گے، وہاں پر ان کا کچھ نہ چلے گا اور وہ عاجز و ناتوان ہوں گے۔ منافقوں کی جادوئی باتوں سے دھوکہ نہ کھائیں(یُعۡجِبُکَ قَوۡلُہٗ)۔ منافقین جھوٹی قسموں کے ذریعہ مومنین پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں (یُشۡہِدُ اللّٰہَ عَلٰی مَا فِیۡ قَلۡبِہٖ)منافقین مقدسات کو مقدسات کے خلاف اور مذہب کو مذہب کے خلاف استعمال کرتے ہیں، وہ اللہ تعالیٰ کی قسم اٹھا کر رسول اللہﷺ سے خیانت کرتے ہیں۔ جھوٹے لوگ قسمیں اٹھا کر، الفاظ کا جادوجگا کر خود کو معاشرہ کا ہمدرد ظاہر کرتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ گویا معاشرے کا غم انہیں کھائے جا رہا ہے لیکن حقیقت میں وہ بے اعتبار ہیں(یُشۡہِدُ اللّٰہَ)۔

آیت ۲۰۵:

(تَوَلّٰی)کا دو طرح معنی کیا جاسکتا ہے۔ ایک معنی اقتدار اور حکمرانی ہے۔ یہ معنی ترجمہ میں آیا ہے۔ دوسرا معنی اعراض کرنا، رخ پھیرنا اور بے توجہی کرنا ہے۔ اس معنی کے اعتبار سے آیت کا معنی یہ ہوگا ’’جس وقت اس نے حق اور الٰہی ہدایت سے منہ موڑ لیا اور تیری محفل سے باہر گیا تو وہ باہر جاکر فتنہ و فساد کرنے میں لگ جائے گا‘‘یعنی جب تک تیرے پاس بیٹھا ہے تو معاشرہ کی ہمدردی کی باتیں کرتا ہے اور جیسے ہی باہر جاتا ہے تو معاشرہ میں فساد پھیلانے کی کوشش کرتا ہے۔ سابقہ آیت میں منافقین کی ظاہری اچھی گفتگو کے حوالے سے بتایا گیا اور اس آیت میں فتنہ و فساد کرنے کی ان کی کوششوں کا تذکرہ ہوا ہے۔ وہ تمام افراد اس آیت کا مصداق ہیں جو فتنہ و فساد پھیلانے والی قانون سازی کرتے ہیں، ثقافتی یلغار کرتے ہیں، اپنے مذموم مقاصد کا خوبصورت بیانات کے ذریعہ پروپیگنڈہ کرتے ہیں، نشہ آور مواد تقسیم کرکے نئی نسل کو تباہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیت کی ہلاکت ’’ویرانی‘‘ کھیتی باڑی کا خاتمہ ہے اور نسل کی ہلاکت، آنے والی نسل کو گمراہ کرنا ہے۔ اس بارے فخر رازی اور مراغی نے احتمال دیا ہے کہ (الۡحَرۡثَ) کھیتی سے مراد خواتین ہوں، اس کی دلیل دوسری آیت ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے خواتین کے متعلق فرمایا:(نِسَآؤُکُمۡ حَرۡثٌ لَّکُمۡ)’’بقرہ، ۲۲۳‘‘اور (النَّسۡلَ) سے اولاد مراد ہو یعنی باغی حکمران گھرانے کے نظام کو تباہ کرتے ہیں، اولاد کی تربیت کا نظام ختم کردیتے ہیں، اسلام میں گھرانے اور خاندانی نظام کا جو تقدس ہے اسے پامال کردیتے ہیں۔ نااہل افراد کو اقتدار ملے تو وہ ہر چیز کو تباہ کردیتے ہیں (وَ اِذَا تَوَلّٰی سَعٰی ۔۔۔لِیُفۡسِدَ۔۔۔وَ یُہۡلِکَ)۔

آیت ۲۰۶:

مستکبرین دوسروں کے وعظ و نصیحت پر کان نہیں دھرتے (وَ اِذَا قِیۡلَ لَہُ اتَّقِ اللّٰہَ اَخَذَتۡہُ الۡعِزَّۃُ)۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ نصیحت کو مانیں، اگر کسی سے اچھا مشورہ ملے تو اسے مان لیں، اقتدار کے گھمنڈ میں اسے نظر انداز نہ کریں (وَ اِذَا قِیۡلَ۔۔۔اَخَذَتۡہُ الۡعِزَّۃُ)۔ گناہ، خود پسندی، غرور اور تکبر کا ذریعہ بنتا ہے (اَخَذَتۡہُ الۡعِزَّۃُ بِالۡاِثۡمِ)۔

آیت ۲۰۷:

ابن ابی الحدید جو ساتویں ہجری کے علما سے ہیں اپنی کتاب شرح نہج البلاغہ میں لکھتے ہیں کہ مفسرین کے نزدیک یہ آیت حضرت علی بن ابی طالب علیہما السلام کے بارے میں نازل ہوئی ہے جب آپ لیلۃ المبیت ـ’’ہجرت کی رات‘‘ رسول اللہﷺ کے بستر پر سو گئے اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے رسول اللہﷺ کی جگہ پر قتل ہوجانے کو پسند کیا۔ مشرکین مکہ نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ رسول خداﷺ کو قتل کرنے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہر قبیلہ ایک آدمی دے اور سب مل کر آنحضرتﷺ کو قتل کریں تاکہ کسی ایک قبیلہ پر جرم نہ آئے اور بنی ہاشم اس قبیلہ سے انتقام لینے کے لیے اقدام نہ کرسکیں۔ اس طرح پیغمبراسلامﷺ کی دعوت سے نجات پالیں گے۔ جب رسول خداﷺ کو مشرکین مکہ کے اس منصوبہ کا علم ہو گیا تو حضرت علی علیہ السلام آپ کے بستر پر سو گئے تاکہ رسول خداﷺ اطمینان سے مکہ سے نکل جائیں اور حملہ آور خیال کریں کہ رسول خداﷺ اپنے بستر پر سورہے ہیں۔ یہ آیت اس حوالے سے حضرت علی علیہ السلام کی شان میں نازل ہوئی۔ ایثار اور قربانی دینے والوں کی یاد کو زندہ رکھیں (وَ مِنَ النَّاسِ مَنۡ یَّشۡرِیۡ)۔ انسان کے پاس سب سے بڑا سرمایہ اس کی جان ہے جسے وہ اپنے رب کے لیے دے سکتا ہے۔ یہ جان بہشت کے طمع میں نہیں اور نہ ہی آتش جہنم سے بچنے کے لیے بلکہ خلوص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لیے دے دے(ابۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ اللّٰہِ) تو اس کی اہمیت ہے اوراس کی بڑی فضیلت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملنے والا سب سے بہترین اجر و ثواب اس کا لطف اور مہربانی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر کام کے لیے اجر و ثواب قرار دیا ہے لیکن اس آیت میں فرمایا:اللہ رؤف ہے (اللّٰہُ رَءُوۡفٌۢ بِالۡعِبَادِ)۔

آیت ۲۰۸:

قرآن مجید نے درج ذیل گروہوں کے ساتھ صلح آمیز روابط رکھنے کا حکم دیا ہے: وہ مشرکین جو مسلمانوں کو تکلیف و اذیت نہیں دیتے (لَمۡ یُقَاتِلُوۡکُمۡ فِی الدِّیۡنِ وَ لَمۡ یُخۡرِجُوۡکُمۡ مِّنۡ دِیَارِکُمۡ اَنۡ تَبَرُّوۡہُمۡ وَ تُقۡسِطُوۡۤا اِلَیۡہِمۡ)’’ممتحنہ،۸‘‘ وہ افراد جو تمہارے ساتھ حالت جنگ میں نہیں اور تمہارے وطن میں تمہارے لیے مزاحمت ایجاد نہیں کرتے ان سے اچھا برتاؤ کرو۔ اہل کتاب کے ساتھ (قُلۡ یٰۤاَہۡلَ الۡکِتٰبِ تَعَالَوۡا اِلٰی کَلِمَۃٍ سَوَآءٍۢ بَیۡنَنَا وَ بَیۡنَکُمۡ اَلَّا نَعۡبُدَ اِلَّا اللّٰہَ)’’آل عمران، ‘‘ اہل کتاب سے کہہ دو: آؤ اس بات میں اتحاد کرلیں جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترک ہے کہ اللہ کے سواء کسی کی عبادت نہ کریں۔ مسلمان آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ(یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا ادۡخُلُوۡا فِی السِّلۡمِ کَآفَّۃً)۔ اپنے ذاتی رویوں کوچھوڑ کر فقط اللہ تعالیٰ کے قانون کے سامنے تسلیم ہوجاؤ (ادۡخُلُوۡا فِی السِّلۡمِ کَآفَّۃً)۔ صلح قائم کرنا اور صلح کے ساتھ رہنا تمام مسلمانوں کا فرض ہے (کَآفَّۃً)۔ شیطانی وسوسے انسان کو گناہ پر مجبور نہیں کرتے اور نہ ہی ان کی وجہ سے انسان کا اختیار سلب ہوجاتا ہے اسی لیے انسان کو حکم دیا گیا ہے کہ شیطان کی اطاعت مت کرو (لَا تَتَّبِعُوۡا)۔ شیطان قدم بقدم انسان کو گمراہ کرتا ہے (خُطُوٰتِ)۔ شیطان صلح اور وحدت کا دشمن ہے ، انتشار اور تفرقہ کے لیے بلند ہونے والی ہر صدا شیطان کی آواز ہے (ادۡخُلُوۡا فِی السِّلۡمِ کَآفَّۃً ۪ وَ لَا تَتَّبِعُوۡا خُطُوٰتِ الشَّیۡطٰنِ)۔

آیت ۲۰۹:

جو لوگ جان بوجھ کر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں وہ عذاب کے منتظر رہیں (زَلَلۡتُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡکُمُ الۡبَیِّنٰتُ۔۔۔عَزِیۡزٌ حَکِیۡمٌ)۔ اللہ تعالٰی کی سزا حکمت کے تحت ہوتی ہے( حَکِیۡمٌ)۔

آیت ۲۱۰:

انبیاء کی دعوت استدلال اور معجزہ کی بنیاد پر ہے۔ جبکہ بعض اوقات بہانہ کی تلاش میں رہنے والے لوگ کچھ اور چاہتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اس بارے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو تم چاہتے ہو اگر ویسا ہوگیا اور پھر تم نے ہٹ دھرمی کی اور اپنی ضد پر ڈٹے رہے تو پھر اللہ کا عذاب تمہیں گھیر لے گا۔ اس کا نمونہ حضرت صالح علیہ السلام کی قوم ہے کہ جب انہوں نے درخواست کی کہ پہاڑ سے اونٹنی نکل آئے اور وہ اس کا دودھ پئیں، جب ایسا ہوگیا تو پھر انہوں نے نافرمانی کی اور اونٹنی کو قتل کردیا تو ان پر اللہ تعالیٰ کا عذاب ٹوٹ پڑا۔ لہذا جب تمہاری درخواست کو قبول کرکے وہ کچھ اتار دے جو تم چاہتے ہو اور اس کے بعد بھی تم نے دعوت کو قبول نہ کیا تو پھر الٰہی عذاب تمہیں گھیر لے گا۔ البتہ بعض درخواستیں ایسی ہوتی ہیں جو محال ہوتی ہیں تو ایسی درخواستیں قبول نہیں ہوتیں۔ خلقت کا نظام اور اللہ تعالیٰ کا تربیتی نظام لوگوں کی بے جا خواہشات پر مبنی نہیں ہے کہ لوگ یہ توقع رکھیں کہ اللہ تعالیٰ اور فرشتے آسمان میں بادلوں پر جسمانی شکل میں ظاہر ہوں اور سب کو نظر آئیں اور براہ راست سب سے باتیں کریں؛ ایسا ممکن نہیں کیونکہ اللہ تعالٰی جسم اور جسمانیت سے منزہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کے دیدار اور فرشتوں سے ملاقات کا تقاضا، حق کا انکار کرنے کا بہانہ ہے (یَنۡظُرُوۡنَ ۔۔۔ یَاۡتِیَہُمُ اللّٰہُ ۔۔۔وَ الۡمَلٰٓئِکَۃُ)۔ ہر چیز کا مبداء اللہ تعالٰی ہے، تم کیوں اللہ تعالٰی کو براہ راست دیکھنے کی آرزو رکھتے ہو حالانکہ تم اس کے آثار کو ہر جگہ دیکھتے ہو (ہَلۡ یَنۡظُرُوۡنَ ۔۔۔وَ اِلَی اللّٰہِ تُرۡجَعُ الۡاُمُوۡرُ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 211 تا 215
سَلۡ بَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ كَمۡ ءَاتَيۡنَٰهُم مِّنۡ ءَايَةِۭ بَيِّنَةٖۗ وَمَن يُبَدِّلۡ نِعۡمَةَ ٱللَّهِ مِنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡهُ فَإِنَّ ٱللَّهَ شَدِيدُ ٱلۡعِقَابِ ٢١١ زُيِّنَ لِلَّذِينَ كَفَرُواْ ٱلۡحَيَوٰةُ ٱلدُّنۡيَا وَيَسۡخَرُونَ مِنَ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْۘ وَٱلَّذِينَ ٱتَّقَوۡاْ فَوۡقَهُمۡ يَوۡمَ ٱلۡقِيَٰمَةِۗ وَٱللَّهُ يَرۡزُقُ مَن يَشَآءُ بِغَيۡرِ حِسَابٖ ٢١٢ كَانَ ٱلنَّاسُ أُمَّةٗ وَٰحِدَةٗ فَبَعَثَ ٱللَّهُ ٱلنَّبِيِّـۧنَ مُبَشِّرِينَ وَمُنذِرِينَ وَأَنزَلَ مَعَهُمُ ٱلۡكِتَٰبَ بِٱلۡحَقِّ لِيَحۡكُمَ بَيۡنَ ٱلنَّاسِ فِيمَا ٱخۡتَلَفُواْ فِيهِۚ وَمَا ٱخۡتَلَفَ فِيهِ إِلَّا ٱلَّذِينَ أُوتُوهُ مِنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡهُمُ ٱلۡبَيِّنَٰتُ بَغۡيَۢا بَيۡنَهُمۡۖ فَهَدَى ٱللَّهُ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لِمَا ٱخۡتَلَفُواْ فِيهِ مِنَ ٱلۡحَقِّ بِإِذۡنِهِۦۗ وَٱللَّهُ يَهۡدِي مَن يَشَآءُ إِلَىٰ صِرَٰطٖ مُّسۡتَقِيمٍ ٢١٣ أَمۡ حَسِبۡتُمۡ أَن تَدۡخُلُواْ ٱلۡجَنَّةَ وَلَمَّا يَأۡتِكُم مَّثَلُ ٱلَّذِينَ خَلَوۡاْ مِن قَبۡلِكُمۖ مَّسَّتۡهُمُ ٱلۡبَأۡسَآءُ وَٱلضَّرَّآءُ وَزُلۡزِلُواْ حَتَّىٰ يَقُولَ ٱلرَّسُولُ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ مَعَهُۥ مَتَىٰ نَصۡرُ ٱللَّهِۗ أَلَآ إِنَّ نَصۡرَ ٱللَّهِ قَرِيبٞ ٢١٤ يَسۡـَٔلُونَكَ مَاذَا يُنفِقُونَۖ قُلۡ مَآ أَنفَقۡتُم مِّنۡ خَيۡرٖ فَلِلۡوَٰلِدَيۡنِ وَٱلۡأَقۡرَبِينَ وَٱلۡيَتَٰمَىٰ وَٱلۡمَسَٰكِينِ وَٱبۡنِ ٱلسَّبِيلِۗ وَمَا تَفۡعَلُواْ مِنۡ خَيۡرٖ فَإِنَّ ٱللَّهَ بِهِۦ عَلِيمٞ ٢١٥
ترجمہ
بنی اسرائیل سے پوچھو کہ ہم نے انہیں کتنی واضح نشانیاں دیں اور جو شخص اللہ کی (ہدایت کی)نعمت پانے کے بعد اسے بدل ڈالے تو اللہ یقیناً سخت عذاب دینے والا ہے۔(۲۱۱) کافروں کے لیے دنیا کی زندگی خوش نما بنا دی گئی ہے اور وہ دنیا میں مومنوں کا مذاق اڑاتے ہیں مگر اہل تقویٰ قیامت کے دن ان سے بالاتر ہوں گے اور اللہ جسے چاہتا ہے بے حساب رزق دیتا ہے۔(۲۱۲) لوگ (شروع میں) ایک ہی دین (فطرت) پر تھے، (بتدریج ان میں اختلاف رونما ہوا) تو اللہ نے بشارت دینے والے اور ڈرانے والے انبیاء بھیجے اور ان کے ساتھ برحق کتاب نازل کی تاکہ وہ لوگوں کے درمیان ان امور کا فیصلہ کریں جن میں وہ اختلاف کرتے تھے اور ان میں اختلاف بھی ان لوگوں نے کیا جنہیں کتاب دی گئی تھی حالانکہ ان کے پاس واضح نشانیاں آچکی تھیں، یہ صرف اس لیے کہ وہ آپس میں ایک دوسرے پر زیادتی کرنا چاہتے تھے، پس اللہ نے اپنے اذن سے ایمان لانے والوں کو اس امر حق کا راستہ دکھایا جس میں لوگوں نے اختلاف کیا تھا اور اللہ جسے چاہتا ہے سیدھا راستہ دکھاتا ہے۔(۲۱۳) کیا تم خیال کرتے ہو کہ یونہی جنت میں داخل ہو جاؤ گے حالانکہ ابھی تمہیں (آزمانے کے لیے) اس قسم کے حالات پیش نہیں آئے جو تم سے پہلوں کو پیش آئے تھے؟ انہیں سختیاں اور تکالیف پہنچیں اور وہ اس حد تک جھنجھوڑے گئے کہ (وقت کا) رسول اور اس کے مومن ساتھی پکار اٹھے کہ آخر اللہ کی نصرت کب آئے گی؟(انہیں بشارت دے دی گئی کہ) دیکھو اللہ کی نصرت عنقریب آنے والی ہے۔(۲۱۴) لوگ آپ سے پوچھتے ہیں: کیا خرچ کریں؟ کہدیجئے: جو مال بھی خرچ کرو اپنے والدین، قریب ترین رشتہ داروں، یتیموں، مسکینوں اور مسافروں پر خرچ کرو اور جو کار خیر تم بجا لاؤ گے یقیناً اللہ اس سے خوب آگاہ ہے۔(۲۱۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۱۱:

اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو حضرت موسیٰ علیہ السلام جیسا قائد اور اپنے خصوصی الطاف اور معجزات سے نوازا اور انہیں فرعون کی غلامی سے آزادی دلائی۔ زندگی گزارنے کے لیے الٰہی قوانین اتارے اور مادی حوالے سے بھی اچھی زندگی کے اسباب اور وسائل فراہم کئے۔ لیکن ان کی جانب سے کفران نعمت اس حد تک بڑی گئی تھی کہ انہوں نے جناب ہارون کی بجائے سامری کی پیروی کرنا شروع کیا اور خدا پرستی کی بجائے گوسالہ پرستی میں مشغول ہو گئے۔ بنی اسرائیل جن کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا: (فَضَّلۡتُکُمۡ عَلَی الۡعٰلَمِیۡنَ)’’بقرہ، ۴۷‘‘ ان کے غلط کاموں کی وجہ سے (بَآءُوۡ بِغَضَبٍ) انہوں نے اللہ تعالیٰ کا غضب خریدا’’بقرہ، ۶۱‘‘ ہوگئے۔ تاریخ کا مطالعہ اور اس سے عبرت لینا ضروری ہے (سَلۡ بَنِیۡۤ اِسۡرَآءِیۡلَ)۔ نعمتوں کے مقابلے میں انسان پر کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، ان ذمہ داریوں کو پورا نہ کرنے پر انسان سزا کا مستحق ٹھہرتا ہے(مَنۡ یُّبَدِّلۡ۔۔۔شَدِیۡدُ الۡعِقَابِ)۔

آیت ۲۱۲:

یہ آیت ایک طرف سے کفار کو خبردار کررہی ہے کہ دنیا کی رنگینیوں میں مست ہوکر مومنوں کا مذاق اڑانے سے گریز کریں اور دوسری طرف سے مومنوں کو حوصلہ دے رہی ہے کہ کفار کےمسخرہ کرنے سے سست نہ پڑ جائیں بلکہ روشن مستقبل کی امید رکھیں۔ کفر انسان کی نگاہ میں دنیا کو خوبصورت بنا دیتا ہے (زُیِّنَ لِلَّذِیۡنَ کَفَرُوا)۔ دنیا داری دوسروں کی تذلیل اور تضحیک کرنے کا سبب بنتی ہے(زُیِّنَ لِلَّذِیۡنَ کَفَرُوا۔۔۔ یَسۡخَرُوۡنَ)۔ بے شمار رزق اللہ تعالیٰ کےفضل کی نشانی ہے، البتہ ایسا نہیں کہ خدا اس کا حساب نہیں رکھتا یا اسے حکمت کے ساتھ تقسیم نہیں کرتا ہے(یَرۡزُقُ۔۔۔بِغَیۡرِ حِسَابٍ)۔

آیت ۲۱۳:

اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ شروع میں انسانوں کی زندگی سادہ تھی لیکن آہستہ آہستہ لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہونے اور ان کے سلیقے مختلف ہونے کہ وجہ ان کے درمیان اختلافات اور جھگڑے شروع ہوئے۔ پھر، قدرتی وسائل کے استعمال اور اس حوالے سے کہ ہر ایک دوسرے سے کام لے کر اس سے فائدہ اٹھانا چاہتا تھا، لوگوں میں اختلاف ہوا اور ان میں طبقات پیدا ہوئے۔ سماجی زندگی کی ضروریات میں سے ایک منصفانہ اور مضبوط قوانین کا ہونا ہے۔ جس کے ذریعہ انسانوں کے درمیان پائے جانے والےاختلافات کو حل کرسکیں۔ اللہ تعالیٰ نے پیغمبروں کو لوگوں میں پائے جانے والے اختلافات حل کرنے اور لڑائی جھگڑوں سے روکنے کے لیے مبعوث فرمایا لیکن کچھ لوگوں نے جان بوجھ کر ضد اور ہٹ دھرمی کی بنا پر انبیاء کی بشارت اور ان کے ڈرانے کے عمل کو قبول کرنے سے انکار کیا اور لوگوں میں اختلاف اور تفرقہ و انتشار کا سبب بنے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے لطف و کرم سے ایسے لوگوں کو ہدایت دی جو ہدایت قبول کرنے کے لائق تھے اور ان لوگوں کو اپنے حال پر چھوڑ دیا جو حسد یا ظلم و زیادتی کی بنا پر حق کو قبول کرنے کے لیے تیار نہ تھے تاکہ ایک دن اپنے کئے کی سزا بھگتیں۔ قرآن کی تنقید اس ضدی اختلاف پر ہے کہ انسان انبیاء کے فیصلے اور خدا کے قانون کو ماننے کو تیار نہ ہو بصورت دیگر اس اختلاف میں کوئی حرج نہیں جو بالآخر انصاف کے سامنے سرتسلیم خم کرے۔ ترازو کے دو پلڑوں کے درمیان موجود اختلاف کی مانند جن کی متضاد حرکتوں کا مقصد انصاف کاحصول ہے(فَہَدَی اللّٰہُ ۔۔۔لِمَا اخۡتَلَفُوۡا فِیۡہِ)۔ قانون اور انسانی تہذیب تنازعات کو حل کرنے سے قاصر ہے۔ کیونکہ ہر گروہ اور فرد اپنے مفادات کے پیچھے ہے۔ تنازعات کو الٰہی قانون اور انبیاء کے فیصلے کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔ ایک ایسا قانون جو تحریف اور غلطی سے محفوظ ہےاور اس کے مطابق فیصلہ کرنے والا نفسانی خواہشات، ہوا و ہوس اور ذاتی اغراض سے پاک ہے(فَبَعَثَ اللّٰہُ ۔۔۔ مَعَہُمُ الۡکِتٰبَ)۔ انبیاء تنازعات کو روکنے کے لیے خوشخبری اور ان کے علاج کے لیے انذار کا استعمال کرتے ہیں (مُبَشِّرِیۡنَ وَ مُنۡذِرِیۡنَ۔۔۔لِیَحۡکُمَ بَیۡنَ النَّاسِ)۔ انبیاء کے فرائض میں سے ایک لوگوں میں اتحاد پیدا کرنا اور تفرقہ کو ختم کرنا ہے (لِیَحۡکُمَ۔۔۔فِیۡمَا اخۡتَلَفُوۡا)۔ اختلاف کی بدترین قسم آگاہانہ اختلاف ہے جو حسد اور ظلم کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے(مَا اخۡتَلَفَ فِیۡہِ ۔۔۔ مِنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡہُمُ الۡبَیِّنٰتُ بَغۡیًۢا)۔ اہل ایمان میں بھی اختلاف پیدا ہوتا ہے لیکن وہ خدا کی ولایت کے نور سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں (فَہَدَی اللّٰہُ ۔۔۔ لِمَا اخۡتَلَفُوۡا فِیۡہِ)۔ صراط مستقیم’’سیدھا راستہ‘‘ اختلافات کو ختم کرنے کا وسیلہ ہے (اخۡتَلَفُوۡا۔۔۔یَہۡدِیۡ ۔۔۔صِرَاطٍ مُّسۡتَقِیۡمٍ)۔

آیت ۲۱۴:

احادیث میں ہے: ’’جنت مشکلات کے درمیان گھری ہوئی ہے‘‘اور ’’اس دنیا میں مشکلات کا شکار مومنوں کے لیے ایسا اجر ہے کہ دوسرے کہیں گے کہ اے کاش!یہ مشکلات ہمارے لیے ہوتیں‘‘۔ جی ہاں! مشکلات، ارتقا اور اللہ تعالیٰ کا قُرب حاصل کرنے اور جنت میں داخل ہونے کا راستہ ہیں۔ ’’نابردہ رنج، گنج میسّر نمی شود ۔۔۔مزد آن گرفت جان برادر کہ کار کرد‘‘سختیاں جھیلے بغیر خزانہ نہیں مل سکتا۔ عزیز بھائی! اجر و بدلہ اسی کو ملتا ہے جو کام کرتاہے‘‘۔ محض ایمان کی وجہ سے اور بغیر عمل کے اور تکلیف برداشت کیے جنت میں جانے کی امید رکھنا بے جا اور نادرست توقع ہے (اَمۡ حَسِبۡتُمۡ اَنۡ تَدۡخُلُوا الۡجَنَّۃَ)۔ الٰہی قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں ہے؛تمام اقوام اور افراد کو آزمائشوں سے گزرنا ہوگا(وَ لَمَّا یَاۡتِکُمۡ مَّثَلُ الَّذِیۡنَ خَلَوۡا مِنۡ قَبۡلِکُمۡ)۔ دوسروں کی مشکلات اور مسائل پر توجہ دینا راحت و سکون کا ذریعہ ہے ،ہمیں تاریخ سے درس عبرت لینا چاہیے اور اسے اپنے لیے نمونہ قرار دینا چاہیے (مَسَّتۡہُمُ الۡبَاۡسَآءُ وَ الضَّرَّآءُ)۔ الٰہی آزمائشیں اتنی سخت ہیں کہ بعض اوقات انبیاءبھی پریشان ہوجاتے ہیں (حَتّٰی یَقُوۡلَ الرَّسُوۡلُ وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا مَعَہٗ مَتٰی نَصۡرُ اللّٰہِ)۔ مشکلات اور سختیوں کے وقت انبیاء لوگوں سے جدا نہیں ہوتے تھے (یَقُوۡلَ الرَّسُوۡلُ وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا مَعَہٗ)۔ دعا کے قبول ہونے کی شرطوں میں سے ایک پریشانی اور غیر خدا سے امید نہ رکھنا ہے(مَتٰی نَصۡرُ اللّٰہِ ۔۔۔ اِنَّ نَصۡرَ اللّٰہِ قَرِیۡبٌ)۔ پریشانیوں کے وقت اللہ تعالیٰ کی نصرت کو یاد کرنا ان پریشانیوں کی وجہ سے لاحق بے سکونی کو دور کرنے اور آرام و سکون کا وسیلہ ہے (اَلَاۤ اِنَّ نَصۡرَ اللّٰہِ قَرِیۡبٌ)۔

آیت ۲۱۵:

اس آیت میں دو مرتبہ ’’خیر‘‘ کا لفظ ذکر ہوا ہے:ایک ’’انفاق خیر‘‘: (اَنۡفَقۡتُمۡ مِّنۡ خَیۡرٍ) اور دوسرا ’’عمل خیر‘‘:(تَفۡعَلُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ) تاکہ یہ بتایا جائے کہ فقیر اور نادار لوگ بھی عمل کے ذریعہ سے خیر کو پا سکتے ہیں۔ حدیث میں ہے: (لَا صَدَقَۃَ و ذُو رَحمٍ مُحتاج)اگر قریبی رشتہ دار محتاج ہو تو صدقہ ’’اسی کو دیا جائے‘‘دوسروں کو نہ دیا جائے۔ انفاق کی پانچ قسمیں ہیں: ۱۔واجب انفاق، جیسے زکات، خمس، کفارات، فدیہ اور ان لوگوں کا نفقہ جن کا نفقہ انسان پر واجب ہے۔ ۲۔مستحب انفاق جیسے بے نواؤں، غریبوں اور یتیموں کی امداد اور دوستوں کو تحفہ دینا۔ ۳۔ حرام انفاق جیسے غصبی مال سے انفاق کرنا یا گناہ کے لیے انفاق کرنا۔ ۴۔مکروہ انفاق جیسے اپنے قریبی رشتہ دار کے محتاج ہوتے ہوئے دوسروں پر انفاق کرنا، کیونکہ اس کا ثواب کمتر ہے۔ ۵۔مباح انفاق جیسے دوسروں کی آرام دہ زندگی کے لیے انفاق کرنا کیونکہ غربت کے خاتمہ کے لیے انفاق کرنا واجب یا مستحب ہے۔ انفاق بڑے اور چھوٹے تمام کاموں کو شامل ہے(مِنۡ خَیۡرٍ)۔ مال و ثروت اگر باایمان افراد کے پاس ہو تو یہ خیر کا وسیلہ ہوتا ہے (مِنۡ خَیۡرٍ)۔ انفاق صرف مالی امور میں نہیں بلکہ دوسروں کو کسی بھی طرح کا فائدہ پہنچانا انفاق کا مصداق ہے (مِنۡ خَیۡرٍ)۔ انفاق کے سب سے بہترین حقدار والدین اور رشتہ دار ہیں (فَلِلۡوَالِدَیۡنِ وَ الۡاَقۡرَبِیۡنَ)۔ رشتہ داروں پر انفاق کرنے سے خاندانی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں اور دوسروں پر انفاق کرنے سے ضرورت مندوں کی مالی اور جذباتی کمی کی تلافی ہوتی ہے(فَلِلۡوَالِدَیۡنِ وَ الۡاَقۡرَبِیۡنَ وَ الۡیَتٰمٰی وَ الۡمَسٰکِیۡنِ وَ ابۡنِ‌السَّبِیۡلِ)۔ اسلام میں محروم طبقے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے(الۡمَسٰاکِیۡنِ)۔ نیک عمل کبھی ضائع نہیں ہوتا، خواہ وہ آشکار ہو یا مخفیانہ، کم ہو یا زیادہ(فَاِنَّ اللّٰہَ بِہٖ عَلِیۡمٌ)۔ اس بات پر ایمان رکھنا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اعمال سے باخبر ہے، نیک کام انجام دینے کے لیے بہترین ترغیب دلانے کا وسیلہ ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ بِہٖ عَلِیۡمٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 216 تا 219
كُتِبَ عَلَيۡكُمُ ٱلۡقِتَالُ وَهُوَ كُرۡهٞ لَّكُمۡۖ وَعَسَىٰٓ أَن تَكۡرَهُواْ شَيۡـٔٗا وَهُوَ خَيۡرٞ لَّكُمۡۖ وَعَسَىٰٓ أَن تُحِبُّواْ شَيۡـٔٗا وَهُوَ شَرّٞ لَّكُمۡۚ وَٱللَّهُ يَعۡلَمُ وَأَنتُمۡ لَا تَعۡلَمُونَ ٢١٦ يَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلشَّهۡرِ ٱلۡحَرَامِ قِتَالٖ فِيهِۖ قُلۡ قِتَالٞ فِيهِ كَبِيرٞۚ وَصَدٌّ عَن سَبِيلِ ٱللَّهِ وَكُفۡرُۢ بِهِۦ وَٱلۡمَسۡجِدِ ٱلۡحَرَامِ وَإِخۡرَاجُ أَهۡلِهِۦ مِنۡهُ أَكۡبَرُ عِندَ ٱللَّهِۚ وَٱلۡفِتۡنَةُ أَكۡبَرُ مِنَ ٱلۡقَتۡلِۗ وَلَا يَزَالُونَ يُقَٰتِلُونَكُمۡ حَتَّىٰ يَرُدُّوكُمۡ عَن دِينِكُمۡ إِنِ ٱسۡتَطَٰعُواْۚ وَمَن يَرۡتَدِدۡ مِنكُمۡ عَن دِينِهِۦ فَيَمُتۡ وَهُوَ كَافِرٞ فَأُوْلَٰٓئِكَ حَبِطَتۡ أَعۡمَٰلُهُمۡ فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِۖ وَأُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ٢١٧ إِنَّ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَٱلَّذِينَ هَاجَرُواْ وَجَٰهَدُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ أُوْلَٰٓئِكَ يَرۡجُونَ رَحۡمَتَ ٱللَّهِۚ وَٱللَّهُ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ٢١٨ ۞ يَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلۡخَمۡرِ وَٱلۡمَيۡسِرِۖ قُلۡ فِيهِمَآ إِثۡمٞ كَبِيرٞ وَمَنَٰفِعُ لِلنَّاسِ وَإِثۡمُهُمَآ أَكۡبَرُ مِن نَّفۡعِهِمَاۗ وَيَسۡـَٔلُونَكَ مَاذَا يُنفِقُونَۖ قُلِ ٱلۡعَفۡوَۗ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمُ ٱلۡأٓيَٰتِ لَعَلَّكُمۡ تَتَفَكَّرُونَ ٢١٩
ترجمہ
جہاد تمہارے اوپر فرض کیا گیا ہےکہ اگرچہ یہ تمہارے لیے ناپسندیدہ ہے، ہو سکتا ہے کہ جو تمہیں ناپسند ہے وہ تمہارے لیے بہتر ہو اور جس کو تم پسند کرو وہ تمہارے لیے نقصان دہ ہو، اللہ تو جانتا ہے جبکہ تم نہیں جانتے۔(۲۱۶) تم سے حرام مہینہ بارے سوال کرتے ہیں کہ اس میں جنگ کرنے کا کیا حکم ہے تو (اے رسول!) ان سے کہہ دو: اس میں جنگ کرنا بڑا گناہ ہے، لیکن لوگوں کو اللہ کی راہ سے روکنا، لوگوں کو مسجد الحرام میں آنے سے روکنا اور وہاں کے رہائشیوں کو وہاں سے نکالنا، اللہ کے ہاں بڑا گناہ ہے، کیونکہ فتنہ انگیزی اور مومنوں کو ان کے گھروں سے نکال دینا، قتل سے بدتر ہے۔ مشرکین مسلسل تم سے جنگ کریں گے تاکہ اگر ہوسکے تو وہ تمہیں دین سے واپس لوٹا دیں۔ تم میں سے جو بھی اپنے دین سے پھر جائے اور کفر کی حالت میں مرجائے تو ان کے اعمال دنیا و آخرت میں ضائع ہوجائیں گے، وہ دوزخی ہیں اور ہمیشہ آتش جہنم میں رہیں گے۔(۲۱۷) جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جن لوگوں نے ہجرت کی ہے اور راہ خدا میں جہاد کیا ہے وہ اللہ کی رحمت کے امیدوار ہیں، اللہ بخشنے والااور مہربان ہے۔(۲۱۸) (اے رسول!) تجھ سے شراب اور جوئے کے بارے سوال کرتے ہیں، ان سے کہہ دو کہ ان دونوں میں گناہ اور بڑا نقصان ہے، البتہ ان دو میں لوگوں کے لیے کچھ مادی فوائد بھی ہیں لیکن ان دونوں کا گناہ ان کے فوائد سے زیادہ ہے، اسی طرح تجھ سے سوال کرتے ہیں کہ وہ کیا انفاق کریں؟ ان سے کہہ دو: اپنی ضرورت سے جو زائد ہو اسے اللہ کی راہ میں دے دو؛ اللہ اس طرح آیات کو تمہارے لیے واضح بیان کرتا ہے، یہ اس لیے ہے کہ تم ان امور بارے غور و فکر کرو۔(۲۱۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۱۶:

انسان یا تو آرام طلبی کی وجہ سے جنگ کو پسند نہیں کرتا ہے یا دوسرے انسانوں کو دوست رکھنے اور ان پر مہربانی کےجذبات کی وجہ سے جنگ کو پسند نہیں کرتا، یا دشمن کی طاقت کے زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ جنگ کو پسند نہیں کرتا۔ اس بارے قرآن مجید فرما رہا ہے کہ تم اس لیے جنگ کو پسند نہیں کرتے کیونکہ تم جہاد کے فوائد اور اس پر مرتب ہونے والے اثرات کو نہیں جانتے جبکہ اللہ تعالیٰ تمام کاموں اور ان پر فوری طور پر اور مستقبل میں مرتب ہونے والے اثرات اور رازوں سے آگاہ ہے اور اس عمل کے تمام پہلوں پر اللہ تعالیٰ کی نظر ہے۔ خیر و شر کا معیار ذاتی مفادات،ذاتی رجحانات یا انفرادی آسانی یا سختی نہیں کہ ہم اپنے اندازوں کے مطابق اور اپنے سامنے موجود امور کا سہارا لے کر فیصلہ دیں(عَسٰۤی اَنۡ تَکۡرَہُوۡا شَیۡئًا وَّ ہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ)۔ ذاتی نفرت اور محبت، حقیقی خیر و شر کا تعین نہیں کرتے(تَکۡرَہُوۡا۔۔۔وَ ہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ۔۔۔ تُحِبُّوۡا۔۔۔وَ ہُوَ شَرٌّ لَّکُمۡ)۔ دین کی راہ میں جنگ اور جہاد خیر کا سبب ہے (کُتِبَ عَلَیۡکُمُ الۡقِتَالُ۔۔۔ وَ ہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ)اسلام جو بھی حکم دیتا ہے اس میں خیر ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے حکم کو تسلیم کریں کہ اس کا علم بے نہایت ہے، اگرچہ ہمارے علم میں یہ بات نہ آئے کہ وہ حکم کیوں دیا جا رہا ہے، کیونکہ اللہ تعالٰی جو بھی فرمان دیتا ہے وہ حکمت کے تحت ہوتا ہے (وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ وَ اَنۡتُمۡ لَا تَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۲۱۷:

اس آیت میں ’’فتنہ‘‘سے شرک، اذیت و تکلیف اور امتحان مراد ہے۔ تفاسیر میں ہے کہ رسول اکرمﷺ نے عبداللہ بن جحش نامی شخص کو آٹھ افراد کے ایک گروہ کے ساتھ مشرکین مکہ کے بارے معلومات جمع کرنے کے لیے روانہ کیا۔ اس ملاقات کے بعد مشرکین کی جماعت کا سربراہ قتل ہو گیا اور ان کے دو آدمی قیدی ہوگئے۔ یہ حادثہ حرام مہینوں میں سے پہلا مہینہ رجب میں رونما ہوا ، جبکہ اس گروہ کا خیال تھا کہ یہ جمادی الثانی کا آخری دن ہے، نہ پہلی رجب۔ بہرحال یہ معرکہ پہلی رجب کو رونما ہوا۔ کافروں نے اس واقعہ کو بنیاد بنا کر مشہور کردیا کہ مسلمان حرام مہینوں کا احترام نہیں کرتے۔ دشمن کے اس پروپیگنڈہ کے جواب میں قرآن مجید نے جواب دیا کہ اگرچہ حرام مہینوں میں جنگ کرنا جائز نہیں لیکن یہ جنگ غلطی سے ہوئی ہے جبکہ تم مشرکین نے تو جان بوجھ کر حرام مہینوں میں ایسے جرائم کا ارتکاب کیا ہے جن کی سزا حرام مہینوں میں جنگ سے زیادہ شدید ہے۔ مرتد کا عمل دنیا میں حبط ’’ضائع‘‘ہوجاتا ہے اور وہ اسلام کے دنیاوی فوائد سے محروم ہوجاتا ہے۔ کیونکہ اس کی سزا یہ ہے کہ اس کی بیوی اس سے جدا ہو جاتی ہے، وہ وراثت سے محروم ہوجاتا ہے اور اسلام کی حمایت سے نکل جاتا ہے اور آخرت میں تمام نیک کاموں کے اجر و ثواب سے محروم رہے گا جو اس نے دنیا میں انجام دئے ہیں(حَبِطَتۡ اَعۡمَالُہُمۡ فِی الدُّنۡیَا وَ الۡاٰخِرَۃِ)۔ مسجد الحرام اور وہاں کے باسیوں کا خاص احترام ہے (وَ الۡمَسۡجِدِ الۡحَرَامِ ٭ وَ اِخۡرَاجُ اَہۡلِہٖ مِنۡہُ اَکۡبَرُ)۔ امن کو تباہ کرنا قتل سے زیادہ بڑا جرم ہے (وَ الۡفِتۡنَۃُ اَکۡبَرُ مِنَ الۡقَتۡلِ)۔ دشمن کی طاقت، اس کی صلاحیتوں اور ان کے پاس موجود وسائل کا علم رکھنا ضروری ہے (وَ لَا یَزَالُوۡنَ یُقَاتِلُوۡنَکُمۡ حَتّٰی یَرُدُّوۡکُمۡ عَنۡ دِیۡنِکُمۡ)۔ دشمن ہمیشہ تاک میں رہتا ہے، مرتد ہوجاتاہے، کفر اختیار کرلیتا ہے اور تمہارے دین سے پھیر جانے کی آرزو کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتا ہے، وہ تمہارے دین سے پھیر جانے سے کم تر پر راضی نہیں ہوتا، وہ وقتی اور عارضی کامیابی پر خوش نہیں ہوتا اور تمہاری ثقافت، تمہارے مکتب اور تمہارے دین کا خاتمہ چاہتا ہے (حَتّٰی یَرُدُّوۡکُمۡ عَنۡ دِیۡنِکُمۡ)۔ حُسن عاقبت اور اچھا انجام قابل قدر ہے اور اہمیت رکھتا ہے، کتنے سارے ایسے لوگ تھے جو مسلمان تھے لیکن مرتے وقت کافر ہو کر مرے، ایک عرصہ تک نیک زندگی گزاری لیکن خاتمہ برا ہوا، اس لیے ہر شخص کو دعا کرنا چاہیے کہ اس کا انجام بخیر ہو، عاقبت اچھی ہو اور مرتے دم تک ایمان پر باقی رہے، دین سے منحرف نہ ہوجائے (فَیَمُتۡ وَ ہُوَ کَافِرٌ)۔ ایمان اور عقیدہ کی اتنی اہمیت ہے کہ اگر ایمان نہ رہے تو انسان کے تمام نیک اعمال ضائع ہوجائیں گے (وَ مَنۡ یَّرۡتَدِدۡ مِنۡکُمۡ۔۔۔ حَبِطَتۡ اَعۡمَالُہُمۡ)۔

آیت ۲۱۸:

یہ آیت سابقہ آیت کاتسلسل ہے اور اس کے شان نزول میں آیا ہے کہ جن مومنین نے ہجرت کی اور جہاد کیا اور ماہ رجب کی پہلی تاریخ کو جمادی الثانی کی آخری تاریخ سمجھ کر غلطی سے مشرکین کے ساتھ جنگ کی تو ان کی غلطی معاف کردی گئی کیونکہ ان کا ارادہ گناہ کرنا نہ تھا۔ عمل کے بغیر جنت یا کامیابی کی امید رکھنا ایسی آرزو ہے جس کے متعلق سورہ کہف کی آخری آیت میں ہے (فَمَنۡ کَانَ یَرۡجُوۡا لِقَآءَ رَبِّہٖ فَلۡیَعۡمَلۡ عَمَلًا صَالِحًا وَّ لَا یُشۡرِکۡ بِعِبَادَۃِ رَبِّہٖۤ اَحَدًا) ہر وہ شخص جو اپنے رب کی ملاقات کی امید رکھتا ہے اور قرب کا مقام چاہتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ خالصانہ عمل کرے اور کسی کو اپنے رب کا شریک نہ بنائے۔ (رجاء) اس امید کو کہتے ہیں کہ انسان جس کے حصول کی راہ ہموار کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے الطاف اور اس کی مہربانیوں کو حاصل کرنے کی راہ ہموار کرنا ہوگی، اس کے لیے اسلام میں اس طرح رہنمائی کی گئی ہے: ۱۔ نا امیدی کو گناہا ن کبیرہ میں سے قرار دیا گیا ہے۔’’زمر، ۵۳‘‘ ۲۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں مومن کے گمان کے نزدیک ہوں، اگر وہ میرے متعلق اچھا گمان کرے تو میں اسے اچھائی سے نوازوں گا۔ ۳۔ انبیاء، اولیاء اور فرشتے مومنوں کے لیے دعا اور استغفار کرتے ہیں ۔’’غافر، ۷ و ابراہیم، ۴۱‘‘ ۴۔ اللہ تعالیٰ کا ثواب انسان کے عمل سے کئی گنا زیادہ ہے ۔’’بقرہ، ۲۶۱‘‘ ۵۔ انسان کے لیے توبہ کا راستہ کھلا ہے اور اللہ توبہ کرنے والوں کی توبہ قبول کرتا ہے۔’’نساء، ۱۸‘‘ ۶۔ مومن پر آنے والی پریشانیاں اور مصائب اس کے گناہوں کا کفارہ بنتے ہیں۔ ۷۔ اللہ تعالیٰ توبہ کرنے والے کی توبہ کو قبول کرنے کے بعد اس کی برائیوں کو نیکیوں میں بدل دیتا ہے۔ ’’فرقان، ۷۰‘‘ اللہ تعالیٰ کے الطاف اور مہربانیوں کے حصول کی شرط ایمان، جہاد اور ہجرت کرنا ہے (اٰمَنُوۡا ۔۔۔ ہَاجَرُوۡا وَ جٰہَدُوۡ۔۔۔یَرۡجُوۡنَ)۔ اگر نظریات، عقائد اور اعمال کی بنیاد درست ہو تو جزئی غلطیوں سے معافی مل جاتی ہے (یَرۡجُوۡنَ رَحۡمَتَ اللّٰہِ)۔ انسان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے لطف و کرم کی امید رکھے، اپنے اعمال پر بھروسہ نہ کرے کیونکہ انسان کے لیے ہر وقت برے انجام اور اعمال کے (حبط) ضائع ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔ جب بندہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کا امیدوار ہو تو اللہ تعالیٰ کی رحمت اس کے نصیب ہوتی ہے(یَرۡجُوۡنَ رَحۡمَتَ اللّٰہِ ؕ وَ اللّٰہُ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ)۔ جو مومنین مجاہد اور مہاجر ہیں ان تمام خصوصیات کے ہوتے ہوئے بھی انہیں مغفرت کی ضرورت ہے (اٰمَنُوۡا ۔۔۔ ہَاجَرُوۡا۔۔۔یَرۡجُوۡنَ رَحۡمَتَ اللّٰہِ)۔

آیت ۲۱۹:

(ۡخَمۡر) پردہ ڈالنے اور ڈھاپنے کے معنی میں ہے۔اسی وجہ سے عورتیں جس کپڑے کو اپنے حجاب کے لیے استعمال کرتی ہیں اسے (خمار)’’سر ڈھاپنے والا کپڑا‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے کہ شراب پینے سے انسان اپنی عقل کی صلاحیت کھو بیٹھتا ہے اور صحیح اور غلط کی تمیز نہیں کرسکتا تو گویا اس کی عقل پر پردہ پڑ جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے شراب کو (خمر) کہا جاتا ہے۔ اسی طرح (الۡمَیۡسِر) یسر سے ہے جس کا معنی آسانی ہے۔ جوئے میں فریقین پیسے لگاتے ہیں اور بغیر کاروبار کئے جتنے والا آسانی سے مال بٹورتا ہے جو کہ ناجائز اور حرام ہوتا ہے اس لیے اللہ تعالیٰ نے اس عمل سے منع کیا ہے۔ (عفو) معاف کرنے اور درگزر کرنے کے معنی میں ہے۔ اس کے علاوہ یہ لفظ وسط اور میانہ روی کے معنی میں بھی آیا ہے، نیز مال کے بہترین حصہ اور مال سے بچت کے معنی میں بھی استعمال ہوا ہے۔ اس آیت میں یہ تمام معانی مراد لیے جاسکتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ اس جگہ عفو سے تمام معانی مراد لیے جائیں۔ آیت کہہ رہی ہے کہ اگر تم انفاق کرنا چاہتے ہو تو ہر سطح پر اعتدال اور میانہ روی کا لحاظ رکھو اور تمام مال خرچ نہ کرو کہ بعد میں تمہیں خود اس مال کی ضرورت ہو؛ جب انفاق کرو تو اپنے مال سے بہترین مال کو خرچ کرو۔ شراب کی حرمت کا حکم تدریجی نازل ہوا، کیونکہ عرب شراب خواری میں مبتلا تھے اس لیے تدریجی طور پر انہیں شراب کی حرمت پر آمادہ کیا گیا، یکدم ان پر دباؤ نہیں ڈالا گیا۔ شروع میں یہ آیت نازل ہوئی (تَتَّخِذُوۡنَ مِنۡہُ سَکَرًا وَّ رِزۡقًا حَسَنًا) ’’نحل، ۶۷‘‘ تم لوگ انگور سے مست کرنے والی شراب تیار کرتے ہو اور اس سے اچھی روزی بھی حاصل کرتے ہو۔ اس کے بعد یہ آیت نازل ہوئی (فِیۡہِمَاۤ اِثۡمٌ کَبِیۡرٌ وَّ مَنَافِعُ لِلنَّاسِ ۫ وَ اِثۡمُہُمَاۤ اَکۡبَرُ) شراب خواری اور جوا کھیلنے کا نقصان ان دو کی منفعت سے زیادہ ہے۔ اس کے بعد یہ آیت نازل ہوئی (لَا تَقۡرَبُوا الصَّلٰوۃَ وَ اَنۡتُمۡ سُکٰرٰی)’’ نساء، ۴۳‘‘ نشہ کی حالت میں نماز کے قریب نہ ہوں۔ آخر میں ہمیشہ کی حرمت اور علنی بیان کیا (اِنَّمَا الۡخَمۡرُ وَ الۡمَیۡسِرُ۔۔۔رِجۡسٌ مِّنۡ عَمَلِ الشَّیۡطٰنِ) ’’ مائدہ، ۹۰‘‘ شراب اور جوا نجس اور شیطانی عمل ہے۔ شراب کی حرمت سے عقل و سوچ کی سلامتی اور جوئے کی حرمت سے روحانی اور معاشی سلامتی کی پاسداری کی گئی ہے (فِیۡہِمَاۤ اِثۡمٌ کَبِیۡرٌ ۔۔۔وَ اِثۡمُہُمَاۤ اَکۡبَرُ)۔ قانون سازی میں اہم اور زیادہ اہم کے قانون کا لحاظ رکھا جائے (مَنَافِعُ لِلنَّاسِ ۫ وَ اِثۡمُہُمَاۤ اَکۡبَرُ)۔ الٰہی احکام منافع اور مفاسد’’نفع و نقصان‘‘ کی بنیاد پر ہیں (اِثۡمُہُمَاۤ اَکۡبَرُ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 220 تا 224
فِي ٱلدُّنۡيَا وَٱلۡأٓخِرَةِۗ وَيَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلۡيَتَٰمَىٰۖ قُلۡ إِصۡلَاحٞ لَّهُمۡ خَيۡرٞۖ وَإِن تُخَالِطُوهُمۡ فَإِخۡوَٰنُكُمۡۚ وَٱللللَّهُ يَعۡلَمُ ٱلۡمُفۡسِدَ مِنَ ٱلۡمُصۡلِحِۚ وَلَوۡ شَآءَ ٱللَّهُ لَأَعۡنَتَكُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٞ ٢٢٠ وَلَا تَنكِحُواْ ٱلۡمُشۡرِكَٰتِ حَتَّىٰ يُؤۡمِنَّۚ وَلَأَمَةٞ مُّؤۡمِنَةٌ خَيۡرٞ مِّن مُّشۡرِكَةٖ وَلَوۡ أَعۡجَبَتۡكُمۡۗ وَلَا تُنككِحُواْ ٱلۡمُشۡرِكِينَ حَتَّىٰ يُؤۡمِنُواْۚ وَلَعَبۡدٞ مُّؤۡمِنٌ خَيۡرٞ مِّن مُّششۡرِكٖ وَلَوۡ أَعۡجَبَكُمۡۗ أُوْلَٰٓئِكَ يَدۡعُونَ إِلَى ٱلنَّارِۖ وَٱللَّهُ يَدۡعُوٓاْ إِلَى ٱلۡجَنَّةِ وَٱلۡمَغۡفِرَةِ بِإِذۡنِهِۦۖ وَيُبَيِّنُ ءَايَٰتِهِۦ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمۡ يَتَذَكَّرُونَ ٢٢١ وَيَسۡـَٔلُونَكَ عَنِ ٱلۡمَحِيضِۖ قُلۡ هُوَ أَذٗى فَٱعۡتَزِلُواْ ٱلنِّسَآءَ فِي ٱلۡمَحِيضِ وَلَا تَقۡرَبُوهُنَّ حَتَّىٰ يَطۡهُرۡنَۖ فَإِذَا تَطَهَّرۡنَ فَأۡتُوهُنَّ مِنۡ حَيۡثُ أَمَرَكُمُ ٱللَّهُۚ إِنَّ ٱللَّهَ يُحِبُّ ٱلتَّوَّٰبِينَ وَيُحِبُّ ٱلۡمُتَطَهِّرِينَ ٢٢٢ نِسَآؤُكُمۡ حَرۡثٞ لَّكُمۡ فَأۡتُواْ حَرۡثَكُمۡ أَنَّىٰ شِئۡتُمۡۖ وَقَدِّمُواْ لِأَنفُسِكُمۡۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّكُم مُّلَٰقُوهُۗ وَبَشِّرِ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ ٢٢٣ وَلَا تَجۡعَلُواْ ٱللَّهَ عُرۡضَةٗ لِّأَيۡمَٰنِكُمۡ أَن تَبَرُّواْ وَتَتَّقُواْ وَتُصۡلِحُواْ بَيۡنَ ٱلنَّاسِۚ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٞ ٢٢٤
ترجمہ
دنیا و آخرت (کے متعلق سوچو)، تجھ سے یتیموں کے بارے پوچھتے ہیں تو ان سے کہو کہ ان کے امور بارے اصلاح کرنا بہتر ہے، اگر اپنی زندگی کو ان کی زندگی کے ساتھ جوڑ دو تو (کوئی حرج نہیں ہے) وہ تمہارے بھائی ہیں، اللہ جانتا ہے کہ فسادی کون ہے اور اصلاح کرنے والا کون ہے، اگر خدا چاہتا تو تمہیں تنگی میں ڈال دیتا اور تمہیں دستور نہ دیتا ان کی سرپرستی کرتے ہوئے ان کے اموال کو اپنے اموال سے جدا رکھو لیکن اللہ ایسا نہیں کرتا کہ بلا شک اللہ توانا اور حکیم ہے۔(۲۲۰) مشرکہ عورتیں جب تک ایمان نہ لائیں ان سے نکاح مت کرو یقینی امر ہے کہ با ایمان کنیز، آزاد مشرکہ عورت سے بہتر ہے اگرچہ ان کی خوبصورتی تمہیں اپنی گرفت میں لے لے اور مشرک مرد جب تک ایمان نہ لائیں ان کو شادی کے لیے اپنی عورتیں نہ دو، حتمی بات ہے کہ باایمان غلام آزاد مشرک مرد سے بہتر ہے اگرچہ اس کا مال تمہیں اپنا گرویدہ کیوں نہ بنائے، وہ (مشرکین) تمہیں اپنے آئین کی طرف دعوت دیتے ہیں جبکہ اللہ اپنے فرمان سے تمہیں بہشت اور بخشش کی طرف بلاتا ہے اور اپنی آیات کو لوگوں کے لیے واضح بیان کرتا ہے تاکہ تم اس سے یادآوری حاصل کرسکو۔(۲۲۱) تم سے عورتوں کی ماہانہ عادت کے متعلق سوال کرتے ہیں، ان سے کہہ دو یہ تکلیف دہ حالت ہے، لہذا حیض کی حالت میں عورتوں سے( ہمبستری نہ کرو) دور رہو یہاں تک کہ وہ پاک ہوجائیں، پس جب وہ پاک ہوجائیں تو جس طرح اللہ نےتمہیں دستور دیا ہے اس طرح ان سے ہمبستری کرو، اللہ توبہ کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے اور پاکیزہ لوگوں کو بھی پسند کرتا ہے۔(۲۲۲) تمہاری عورتیں تمہاری کھیتی ہیں، جس جگہ اور جب چاہو اپنی کھیتی میں جاسکتے ہو، اپنے لیے (نیک اولاد اور اعمال) آگے بھیجو اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، یہ جان لو کہ تم اللہ سے ملاقات کرو گے، مومنوں کو اس کی بشارت دے دو۔(۲۲۳) اللہ کو اپنی قسموں کے لیے دستاویز قرار مت دو کہ اس بہانہ سے تم خود کو بری کرلو اور تم بچ جاؤ اور لوگوں کے درمیان صلح برقرار کرلو اور اللہ تو سننے والا اور آگاہ ہے۔(۲۲۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۲۰:

جب سورہ نساء کی آیت ۱۰ نازل ہوئی کہ یتیم کا مال کھانا آگ کھانے کی مانند ہے تو جن افراد کے گھروں میں یتیم موجود تھے وہ یہ سن کر پریشان ہوگئے اور کچھ نے یتیموں کو اپنے گھروں سے نکال دیا اور بعض نے یتیموں کی غذا کو اپنی غذا سے الگ کردیا۔ اس طرح یتیموں اور ان کے گھر والوں کے لیے مشکلات پیدا ہوگئیں۔ وہ حضور اکرمﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپ سے سوال کیا کہ یتیموں سے کیسا رویہ اپنائیں؟ پیغمبراکرمﷺ نے جواب دیا کہ یتیموں کے امور کی اصلاح کرنا انہیں چھوڑ دینے سے بہتر ہے۔ یہ درست نہیں کہ تم اس بنا پر کہ ان کے اموال تمہارے اموال سے مل گئے ہیں انہیں چھوڑ دو اور ان سے الگ ہوجاؤ اور ان کی دیکھ بھال کرنے سے گریز کرو۔ وہ تمہارے دینی بھائی ہیں، ان کے اموال کا تمہارے اموال میں شامل ہوجانا اگر اس ہدف سے نہ ہو کہ تم ان کے اموال کو حیف و میل کرو تو پھر مل کر رہنے میں کوئی حرج نہیں، یہ جان لو کہ اللہ تعالیٰ حیف و میل کرنے والے کو اصلاح کرنے والے سے خوب جانتا ہے۔ یتیموں کے اموال کی درستگی کے لیے جو بھی قدم اٹھایا جائے اس کی اہمیت ہے، ’’اصلاح‘‘ کا لفظ مطلق آیا ہے تاکہ ہر قسم کی اصلاحات کو شامل رہے، مالی اصلاح، تعلیمی اصلاح، عملی اصلاح، تربیتی اصلاح، دینی اصلاح، خوراک کی اصلاح اور دیگر تمام اصلاحات کو شامل ہے،ہر حوالے سے یتیموں کی بہتری کے لیے اقدام کیا جائے(اِصۡلَاحٌ لَّہُمۡ خَیۡرٌ)۔ کسی بھی معاملے میں افراط اور تفریط کی اجازت نہیں، اصلاح کے نام پر یتیموں کے اموال کھانے کی اجازت نہیں اور نہ ہی بگاڑ کے ڈر سے ان کو بے سہارا چھوڑنا درست ہے۔ اللہ تعالیٰ اصلاح کرنے والے اور فسادی کو جانتا ہے (وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ الۡمُفۡسِدَ مِنَ الۡمُصۡلِحِ)۔ اگر ہمیں یہ یقین ہو کہ اللہ تعالیٰ ہماری نیتوں اور نظریات سے آگاہ ہے تو ہم فساد نہ کریں اور نہ ہی قانون کی خلاف ورزی کریں گے (وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ الۡمُفۡسِدَ)۔ اسلام انسان کو اس کی طاقت سے مافوق کوئی ذمہ داری اور فریضہ نہیں دیتا (وَ لَوۡ شَآءَ اللّٰہُ لَاَعۡنَتَکُمۡ)۔

آیت ۲۲۱:

غیر مومن سے شادی کرنا اولاد کی تربیت پر منفی اثر چھوڑ سکتا ہے۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ اغیار کے کارندے بن جائیں۔ اگرچہ یہ آیت غیر مسلم سے شادی کے متعلق ہے لیکن غیر مسلم کے ساتھ ہر قسم کا ایسا میل جول جو ایمان کو خطرے میں ڈال دے تو اس کے ساتھ ایسا میل جول رکھنا جائز نہیں۔ مسلمانوں کے لیے جائز نہیں کہ وہ کافروں کے ساتھ خاندانی روابط رکھیں (وَ لَا تَنۡکِحُوا)۔ بیوی کے لیے شوہر اور شوہر کے لیے بیوی کے انتخاب میں ایمان کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، کافروں سے شادی کرنا منع ہے (وَ لَاَمَۃٌ مُّؤۡمِنَۃٌ خَیۡرٌ)۔ شادی کے لیے زوج یا زوجہ کے حسن و جمال، مال و دولت اور مقام و منصب کوئی حیثیت نہیں رکھتا، ان چیزوں کے دھوکہ میں نہ آؤ(وَ لَوۡ اَعۡجَبَتۡکُمۡ۔۔۔ وَ لَوۡ اَعۡجَبَکُمۡ)۔ مقام ، منصب، ثروت اور حسن و جمال ایمان کی جگہ کو پر نہیں کرسکتے (وَ لَوۡ اَعۡجَبَکُمۡ)۔ باایمان افراد کو اہمیت دو اور ان سے شادی کرو اگرچہ وہ مالی طور پر کمزور ہی کیوں نہ ہوں (لَاَمَۃٌ مُّؤۡمِنَۃٌ ۔۔۔ وَ لَعَبۡدٌ مُّؤۡمِنٌ خَیۡرٌ )۔ ایمان کی قدر و منزلت ہے اگرچہ با ایمان شخص غلام اور کنیز ہو اور شرک زوال کا سبب ہے اگرچہ مشرک آدمی آزاد کیوں نہ ہو (لَاَمَۃٌ مُّؤۡمِنَۃٌ خَیۡرٌ مِّنۡ مُّشۡرِکَۃٍ)۔ باپ کو اپنی بیٹی کی شادی پر حق ولایت ہے، داماد کے انتخاب کے لیے باپ کو خطاب ہے کہ اپنی بیٹی مشرکین کو مت دو (لَا تَنۡکِحُوا)۔ شادی سے پہلے ایمان کے بارے میں سوچو کیونکہ شادی کے بعد ہوسکتا ہے کہ جس شخص کے ساتھ شادی کی جارہی ہے وہ ایمان نہ لائے (حَتّٰی یُؤۡمِنَّ ۔۔۔حَتّٰی یُؤۡمِنُوۡا)۔ مشرک بیرونی طاقتوں کے آلہ کار ہوسکتے ہیں، وہ مسلمانوں کی زندگی کو تباہ و برباد کرسکتے ہیں اس لیے اس قسم کے خطرات سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے (اُولٰٓئِکَ یَدۡعُوۡنَ اِلَی النَّارِ)۔ مشرک بیوی یا شوہر ہمیشہ جہنم کی راہ ہموار کرتا ہے (یَدۡعُوۡنَ اِلَی النَّارِ)۔ دستورات الٰہی پر عمل کرنا بہشت میں جانے کا سبب ہوگا (وَ اللّٰہُ یَدۡعُوۡۤا اِلَی الۡجَنَّۃِ)۔

آیت ۲۲۲:

حیض کے ایام میں عورتوں سے کیسا رویہ اپنانا ہے اس بارے دین یہودیت میں بہت سخت موقف اپنایا گیا ہے،مسیحیت میں واضح موقف بیان نہیں ہوا ہے۔لیکن اسلام نے اس حوالے سے درمیانہ راستہ اپنایا ہے کہ ان ایام میں عورتوں سے ہمبستری کرنا منع ہے لیکن ان کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ اسلام جامع دین ہے اور اس میں زندگی سے متعلق ہر طرح کے سوال کا جواب دیا گیا ہے۔ سابقہ آیات میں بار بار یہ جملہ آیا ہے کہ (یَسۡـَٔلُوۡنَکَ)اے رسول! تجھ سے سوال کرتے ہیں، رسول اللہﷺ سے لوگوں کے سوالات کو نقل کیا ہے اور اس کا جواب دیا ہے، ان میں سے بعض سوالات جنگ کے بارے ہیں، بعض سوالات شراب اور جوئے کے بارے ہیں، کبھی انفاق کے متعلق سوال کیا ہے اور اس آیت میں عورتوں کے متعلق سوال کیا ہے کہ حیض کی حالت میں ان سے کس طرح برتاؤ کیا جائے؟ یہ ایک مکتب کی جامعیت کی نشانی ہے کہ اس میں عورتوں سے ہمبستری کرنے کے ایام اور اس کا طریقہ بھی بیان ہوا ہے۔ سوال کرنے میں حیاء بے معنی ہے (یَسۡـَٔلُوۡنَکَ عَنِ الۡمَحِیۡضِ)۔ احکام کا فلسفہ بیان کرنا اور اس بارے دلیل دینا ان احکام کو قبول کرنے کا سبب بنتا ہے، اس آیت میں پہلے حیض کی حالت میں عورتوں سے ہمبستری کے نقصانات بیان ہوئے پھر حکم دیا ہے کہ اس حالت میں ان سے ہمبستری نہ کریں کہ یہ اذیت و تکلیف کا سبب ہے (ہُوَ اَذًی ۙ فَاعۡتَزِلُوا النِّسَآءَ)۔ الٰہی احکام فوائد کے ضامن اور نقصانات کو دور کرنے کے لیے ہیں (ہُوَ اَذًی ۙ فَاعۡتَزِلُوا النِّسَآءَ فِی الۡمَحِیۡضِ)۔ بیوی سے ہمبستری کرنے کی حد و حدود ہیں (فَاعۡتَزِلُوا النِّسَآءَ فِی الۡمَحِیۡضِ)۔ شوہر کو بیوی کے حالات کا لحاظ رکھنا چاہیے، حالت حیض میں جب وہ تکلیف میں ہو تو اس سے ہمبستری نہیں کرنی چاہیے (فَاعۡتَزِلُوا النِّسَآءَ فِی الۡمَحِیۡضِ)۔ بیوی سے ہمبستری کرنے میں حفظان صحت کے اصولوں کا لحاظ رکھناچاہیے (حَتّٰی یَطۡہُرۡنَ)۔ بیوی سے ہمبستری کرتے ہوئے الٰہی احکام کا لحاظ رکھناچاہیے (فَاِذَا تَطَہَّرۡنَ فَاۡتُوۡہُنَّ مِنۡ حَیۡثُ اَمَرَکُمُ اللّٰہُ)۔

آیت ۲۲۳:

اس آیت میں عورتوں کو کھیت سے تشبیہ دی گئی ہے کہ جس زمین میں کسان اپنے بیج کو ڈالتا ہے اور اس کی پرورش کرتا ہے اسی طرح شوہر اپنی بیوی میں اپنا بیج ’’نطفہ‘‘ ڈالتا ہے، اس کی پرورش کرتا ہے اور نو مہینے بعد اس کا نتیجہ لیتا ہے۔ اس کے بعد ایک پھول سا بچہ انسان کے گلستان کو پیش کرتا ہے۔ عورتیں انسان کی نسل کی بقاء کا راز ہیں۔ پس یہ بات لازم ہے کہ ہمبستری میں انسان کا ہدف نسل بڑھانا ہو اور پاکیزہ نسل کو قیامت کے لیے ذخیرہ کرنا ہو۔ ہمبستری کی حالت میں بھی مقدس ہدف کو مدنظر رکھا جائے۔ (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ) کا جملہ اس بات سے خبردار کر رہا ہے کہ ناجائز راستوں سے بیوی سے ہمبستری نہ کرو، بلکہ اس طریقہ سے ہمبستری کرو کہ قیامت میں تمہارے لیے فائدہ مند ہو، معاشرہ کو ایسی اولاد دو جو تمہارے لیے عمل صالح کا مجسمہ ہو اور قیامت کے دن کے لیے خیرات ہو۔ جس طرح بیج اور زمین دونوں پیداوار میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اسی طرح مرد اور عورت آنے والی نسل کے لیے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں(حَرۡثٌ لَّکُمۡ)۔ غرائز اور میلانات میں بھی خدائی رنگ موجود ہونا چاہیے، اگر ہمبستری کا ہدف معاشرہ کے لیے پاکیزہ اولاد دینا ہو تو ہمبستری الٰہی رنگ اپنا لیتی ہے (وَ قَدِّمُوۡا لِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ معاشرہ کو پاکیزہ نسل دینے کا فائدہ خود اسی انسان کو بھی ملتا ہے(قَدِّمُوۡا لِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ جنسی مسائل میں تقویٰ کا لحاظ رکھو (فَاۡتُوۡا حَرۡثَکُمۡ۔۔۔وَ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔ نفسانی خواہشات کو تقویٰ سے کنٹرول کیا جائے (اَنّٰی شِئۡتُمۡ ۔۔۔وَ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔ آخرت پر ایمان،تقویٰ تک پہنچنے کا بہترین وسیلہ ہے (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ وَ اعۡلَمُوۡۤا اَنَّکُمۡ مُّلٰقُوۡہُ)۔

آیت ۲۲۴:

اس آیت کے شان نزول میں آیا ہے کہ پیغمبراکرمﷺکے اصحاب سے عبداللہ بن رواحہ نامی شخص کا اپنے داماد سے اختلاف ہوگیا۔ اس نے قسم اٹھا لی کی بیٹی اور داماد کے معاملہ میں کسی قسم کی مداخلت نہ کرے گا۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی کہ اس قسم کی قسمیں اٹھانا صحیح نہیں۔ (اَیۡمَان)یمین کی جمع ہے جو قسم اٹھانے کے معنی میں ہے ۔(عُرۡضَۃً)کسی امر کو سامنے رکھنے کے معنی میں ہے۔ قسم کو اپنی ذمہ داری سے فرار کا وسیلہ مت قرار دو۔ ہر مناسبت سے اللہ تعالیٰ کا نام استعمال مت کرو، ایسا کرنا بے ادبی اور اللہ تعالیٰ کے حضور جسارت ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: (لاَ تَحْلِفُوا بِاللَّهِ صَادِقِينَ وَ لاَ كَاذِبِينَ)اللہ تعالیٰ کے نام کی سچی قسمیں مت اٹھاؤ اور جھوٹی قسمیں بھی نہ اٹھاؤ۔ اللہ تعالیٰ کے نام کا احترام اور مقدسات کی حرمت کا لحاظ رکھا جائے (وَ لَا تَجۡعَلُوا اللّٰہَ عُرۡضَۃً لِّاَیۡمَانِکُمۡ)۔ قسم سبب نہ بنے کہ آپ اچھے کام کو چھوڑ دیں اور اصلاح کے کام کو انجام نہ دو اور لوگوں کے درمیان صلح کرنے کو ترک کرو (وَ لَا تَجۡعَلُوا اللّٰہَ عُرۡضَۃً لِّاَیۡمَانِکُمۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 225 تا 230
لَّا يُؤَاخِذُكُمُ ٱللَّهُ بِٱللَّغۡوِ فِيٓ أَيۡمَٰنِكُمۡ وَلَٰكِن يُؤَاخِذُكُم بِمَا كَسَبَتۡ قُلُوبُكُمۡۗ وَٱللَّهُ غَفُورٌ حَلِيمٞ ٢٢٥ لِّلَّذِينَ يُؤۡلُونَ مِن نِّسَآئِهِمۡ تَرَبُّصُ أَرۡبَعَةِ أَشۡهُرٖۖ فَإِن فَآءُو فَإِنَّ ٱللَّهَ غَفُورٞ رَّحِيمٞ ٢٢٦ وَإِنۡ عَزَمُواْ ٱلطَّلَٰقَ فَإِنَّ ٱللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٞ ٢٢٧ وَٱلۡمُطَلَّقَٰتُ يَتَرَبَّصۡنَ بِأَنفُسِهِنَّ ثَلَٰثَةَ قُرُوٓءٖۚ وَلَا يَحِلُّ لَهُنَّ أَن يَكۡتُمۡنَ مَا خَلَقَ ٱللَّهُ فِيٓ أَرۡحَامِهِنَّ إِن كُنَّ يُؤۡمِنَّ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِۚ وَبُعُولَتُهُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّهِنَّ فِي ذَٰلِكَ إِنۡ أَرَادُوٓاْ إِصۡلَٰحٗاۚ وَلَهُنَّ مِثۡلُ ٱلَّذِي عَلَيۡهِنَّ بِٱلۡمَعۡرُوفِۚ وَلِلرِّجَالِ عَلَيۡهِنَّ دَرَجَةٞۗ وَٱللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ ٢٢٨ ٱلطَّلَٰقُ مَرَّتَانِۖ فَإِمۡسَاكُۢ بِمَعۡرُوفٍ أَوۡ تَسۡرِيحُۢ بِإِحۡسَٰنٖۗ وَلَا يَحِلُّ لَكُمۡ أَن تَأۡخُذُواْ مِمَّآ ءَاتَيۡتُمُوهُنَّ شَيۡـًٔا إِلَّآ أَن يَخَافَآ أَلَّا يُقِيمَا حُدُودَ ٱللَّهِۖ فَإِنۡ خِفۡتُمۡ أَلَّا يُقِيمَا حُدُودَ ٱللَّهِ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِمَا فِيمَا ٱفۡتَدَتۡ بِهِۦۗ تِلۡكَ حُدُودُ ٱللَّهِ فَلَا تَعۡتَدُوهَاۚ وَمَن يَتَعَدَّ حُدُودَ ٱللَّهِ فَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلظَّٰلِمُونَ ٢٢٩ فَإِن طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُۥ مِنۢ بَعۡدُ حَتَّىٰ تَنكِحَ زَوۡجًا غَيۡرَهُۥۗ فَإِن طَلَّقَهَا فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِمَآ أَن يَتَرَاجَعَآ إِن ظَنَّآ أَن يُقِيمَا حُدُودَ ٱللَّهِۗ وَتِلۡكَ حُدُودُ ٱللَّهِ يُبَيِّنُهَا لِقَوۡمٖ يَعۡلَمُونَ ٢٣٠
ترجمہ
اللہ بے ہودہ اور بغیر قصد کے اٹھائی گئی قسموں کے بارے بازپرس نہ کرے گا لیکن جس کا تمہارے دلوں نے قصد کیا تو اس بارے باز پرس کرے گا، اللہ مہربان اور بخشنے والا ہے۔(۲۲۵) جو لوگ بیوی کو اذیت دینے کے لیے قسم اٹھاتے ہیں کہ وہ اپنی بیوی سے ہمبستری نہ کریں گے، ضروری ہے کہ وہ چار مہینے انتظار کریں پھر اگر وہ اپنی قسم سے ہاتھ اٹھا لیں اور دوستی کی طرف پلٹ آئیں تو اللہ بخشنے والا اور مہربان ہے۔(۲۲۶) اگر طلاق کا فیصلہ کرلیں تو جان لیں کہ اللہ سننے والا اور دانا ہے۔(۲۲۷) جن عورتوں کی طلاق ہوئی ہے انہیں چاہیے کہ وہ تین مرتبہ اپنی ماہانہ عادت کا انتظار کریں، اگر وہ اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتیں ہیں تو اللہ نے ان کے رحموں میں جو خلق کیا ہے ان کے لیے جائز نہیں کہ وہ اسے چھپائیں، اگر شوہر دوستی کا ارادہ رکھتے ہوں تو اس عرصہ کے دوران شوہر دوسروں سے زیادہ حق رکھتے ہیں کہ انہیں واپس لے آئیں اور عورتوں پر جو فرائض ہیں اس کی مناسبت سے ان کے لیے مناسب حقوق قرار دئے گئے ہیں اور مردوں پر ان کے حوالے سے فرائض ہیں اور ان کے لیے اضافی حقوق ہیں، اللہ بڑا غالب آنے والا اور حکمت والا ہے۔(۲۲۸) طلاق (قابلِ رجوع) دو مرتبہ ہے، اس کے بعد اچھے طریقہ سے اپنی بیوی کو اپنے پاس رکھے یا بھلائی کے ساتھ اسے روانہ کردے، تم مردوں کے لیے جائز نہیں کہ جو چیز اپنی بیویوں کو دیا ہے تم اسے واپس لے لو مگر یہ کہ شوہر اور بیوی اس بات سے ڈریں کہ کہیں وہ الٰہی حدود کو قائم نہ رکھ سکیں تو کوئی حرج نہیں کہ بیوی فدیہ دے کر شوہر سے طلاق لے لے، یہ الٰہی حدود ہیں، لہذا تم ان سے آگے مت بڑھو، جو بھی الٰہی حدود کو پھلانگتا ہے تو وہ ظالم ہے۔(۲۲۹) اگر وہ (تیسری مرتبہ) پھر طلاق دے تو پھر وہ اس پر حلال نہ ہوگی مگر یہ کہ وہ دوسرے مرد سے نکاح کرے، اگر دوسرا شوہر اسے طلاق دے دے تو کوئی حرج نہیں کہ وہ پھر اس سے نکاح کر لے، اس صورت میں کہ جب یہ امید ہو کہ الٰہی حدود کو قائم کریں گے، یہ الٰہی حدود ہیں جنہیں اللہ ان کے لیے بیان کرتا ہے جو آگہی رکھتے ہیں۔(۲۳۰)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۲۵:

ایسی قسمیں جو بغیر سوچے یا غصہ کی حالت میں یا غلطی سے اٹھائی جائیں تو ان کی کوئی شرعی اور قانونی حیثیت نہیں ہے۔ ذمہ داری ان قسموں پر بنتی ہے جو قصد و ارادہ اور سوچ سمجھ کر اٹھائی جائے اور اللہ کا نام لے کر کہا جائے کہ میں اللہ کے نام کی قسم یاد کرتا ہوں کہ فلاں کام انجام دوں گا یا انجام نہ دوں گا۔ جس کام کی قسم اٹھائی جارہی ہو وہ ایسا کام ہو جس کا شرعی جواز موجود ہو۔ شریعت کی رو سے ایسی قسم کو پورا کرنا واجب ہے اور اس کا توڑنا حرام اور اس کی خلاف ورزی ناجائز ہے۔ اگر کوئی اس قسم کی قسم کو توڑتا ہے اور اس پر عمل نہیں کرتا تو اسے کفارہ دینا ہوگا۔ اس کی ترتیب یہ ہے کہ دس مساکین کو کھانا کھلائےیا دس مساکین کو لباس دیا جائے یا ایک غلام کو آزاد کیا جائے، اگر ان تین سے کچھ بھی کرنے کی قدرت نہ رکھتا ہو تو تین دن روزے رکھے۔’’مائدہ، ۸۹‘‘ انسان کی ذمہ داری اس کے ارادہ اور اس کے انتخاب پر ہے، اللہ تعالیٰ انسان کی ان لغزشوں کو معاف کردیتا ہے جو عام حالات میں اس سے سرزد ہوتی ہیں (لَا یُؤَاخِذُکُمُ اللّٰہُ بِاللَّغۡوِ)۔ کسی کام کا ثواب یا عذاب اس کام کو انجام دینے کی نیت اور ارادہ کی بنا پر ملتا ہے (کَسَبَتۡ قُلُوۡبُکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کے حلم اور مغفرت کے جلوؤں سے ایک یہ ہے کہ جو خطائیں غیر عمدی ہیں انہیں معاف کردیتا ہے (لَا یُؤَاخِذُکُمُ اللّٰہُ۔۔۔ غَفُوۡرٌ حَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۲۶:

’’ایلاء‘‘ کا لفظ قسم کے معنی میں ہے جو بیوی سے ہمبستری نہ کرنے بارے اٹھائی جانے والی قسم پر بولا جاتا ہے۔ زمانہ جاہلیت میں یہ کام بیوی کو تنگ کرنے اور اسے مشکل میں ڈالنے کے لیے انجام دیا جاتا تھا تاکہ نفسیاتی طور پر بیوی کو تکلیف پہنچائی جائے۔ شوہر نہ تو اپنی بیوی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتا اور نہ ہی اسے طلاق دیتا۔ اس آیت میں مردوں سے کہا گیا ہے کہ چار مہینوں تک تمہیں مہلت دی جاتی ہے کہ تم اپنی بیویوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو واضح کر لو، یا اپنی قسم سے واپس پلٹیں اور اپنی بیوی کے ساتھ مناسب انداز سے زندگی گزاریں اور اس کے حقوق ادا کریں یا پھر اسے باقاعدہ طور پر شرعی طلاق دے دیں۔ البتہ یہ چار مہینے ناجائز قسم نہیں، بلکہ یہ اس حوالے سے ہے کہ عام حالات میں بھی مرد چار مہینہ سے زیادہ اپنی بیوی سے دور نہیں رہ سکتا، چار مہینہ سے زیادہ عرصہ بیوی سے ہمبستری کو ترک کرنا جائز نہیں ہے۔ اسلام مظلوموں کا حامی ہے، عورتیں ہمیشہ مظلوم رہی ہیں اور ان کے حقوق کو نظر انداز کیا جاتا ہے اس لیے قرآن مجید نے مسلسل ان کی حمایت میں بات کی ہے (لِلَّذِیۡنَ یُؤۡلُوۡنَ مِنۡ نِّسَآئِہِمۡ)۔ انبیاء کے بنیادی اصولوں میں سے ایک خرافاتی روایات اور زمانہ جاہلیت کی رسومات کے سد باب کے لیے اقدامات کرنا ہے (لِلَّذِیۡنَ یُؤۡلُوۡنَ)۔ عورت کی روحانی اور جسمانی ضروریات پر توجہ دینا ایک قانون و ضابطہ ہے (تَرَبُّصُ اَرۡبَعَۃِ اَشۡہُرٍ)۔ طلاق دینے کی بات کرنے کی بجائے لوگوں کو متوجہ کیا جائے کہ وہ اپنی زندگی کو صلح صفائی کے ساتھ گزارنے کی کوشش کریں، شوہر اور بیوی دونوں کو معلوم رہے کہ باہمی دوستی اور مل کر زندگی گزارنے سے انہیں اللہ تعالیٰ کی مغرفت اور رحمت نصیب ہوگی (فَاِنۡ فَآءُوۡ فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ)۔

آیت ۲۲۷:

یہ مختصر سی آیت اگرچہ طلاق کے جواز کو بیان کر رہی ہے لیکن اس کے مفہوم کے ضمن میں یہ بات موجود ہے کہ اگر مرد نے طلاق کا فیصلہ کر لیا ہو تو اللہ تعالیٰ اس کے کردار کے بارے آگاہ بھی ہے اور اس کی باتوں کو سنتا بھی ہے، اللہ تعالیٰ یہ جانتا ہے کہ شوہر کو اس کی نفسانی خواہش نے اس بات پر آمادہ کیا ہے کہ وہ طلاق کے قانون سے غلط فائدہ اٹھائے یا حقیقت میں گھرانے میں ایسی کیفیت پیدا ہوچکی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ زندگی نہیں گزار سکتے۔ اسلام طلاق کو اس کی تمام تر خرابیوں اور تلخیوں کے باوجود ایک راہ حل کے طور پر قبول کرتا ہے، لیکن بیوی کو بے سہارا چھوڑنے کی اجازت نہیں دیتا(وَ اِنۡ عَزَمُوا الطَّلَاقَ)۔ نفسانی خواہشات کی بنا پر بیوی کی زندگی کو برباد کرنے کی اجازت نہیں ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۲۸:

مطلقہ عورت کے لیے عدت کی مدت معین کرنے میں خاندان کے حقوق کا تحفظ مد نظر ہے۔ کیونکہ اس عرصہ میں غور و فکر کرنے کا موقع مل جاتا ہے اور میاں بیوی کی جدائی میں جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان کا اندازہ ہوجاتا ہے اور ایک موقع میسر آتا ہے کہ دوبارہ دونوں اکٹھے ہوجائیں اور پہلے کی طرح دوستانہ زندگی گزاریں۔ کیونکہ جب ایک دوسرے سے دور ہوجائیں تو ان کے جذبات ٹھنڈے پڑجاتے ہیں، یہ بھی پتہ چل جاتا ہے کہ بیوی حاملہ ہے یا نہیں تاکہ اگر وہ کسی دوسرے مرد سے شادی کا فیصلہ کرتی ہے تو سابقہ شوہر کی نسل دوسرے شوہر کی نسل سے خلط نہ ہو۔ عدت کے دوران مرد کا بیوی کی طرف رجوع کرنے کے لیے خاص قسم کے انتظامات اور تقریبات کی ضرورت نہیں جبکہ طلاق کے لیے بہت ساری شرائط ہیں جن کا لحاظ کرنا ہوتا ہے۔ عورت طلاق ملتے ہیں دوسری شادی نہیں کرسکتی (وَ الۡمُطَلَّقٰتُ یَتَرَبَّصۡنَ)۔ طلاق کی صورت میں اولاد اپنے حقوق سے محروم نہ ہو (مَا خَلَقَ اللّٰہُ فِیۡۤ اَرۡحَامِہِنَّ)۔ پہلے شوہر کے ساتھ زندگی جاری رکھنے کو ترجیح دینا ہو گی (وَ بُعُوۡلَتُہُنَّ اَحَقُّ بِرَدِّہِنَّ)۔ نیک نیتی ایک قانون اور اصل ہے، ایسا نہ ہو کہ شوہر جنسی مسائل کے لیے رجوع کرے پھر لاتعلق ہوجائے (اِنۡ اَرَادُوۡۤا اِصۡلَاحًا)۔ ذمہ داری ادا کرنے پر انسان کچھ حقوق کا حقدار ہوتا ہے، جو شخص بھی کوئی ذمہ داری ادا کرتا ہے تو اس وجہ سے اس کے کچھ حقوق بھی ہوتے ہیں جیسے اولاد کے حوالے سے والدین کی کچھ ذمہ داریاں ہیں تو ان ذمہ داریوں کو نبھانے پر اولاد کے ذمہ ان کے کچھ حقوق ہیں (وَ لَہُنَّ مِثۡلُ الَّذِیۡ عَلَیۡہِنَّ)۔ خواتین کے ساتھ برتاؤ میں انصاف کا خیال رکھا جائے(وَ لَہُنَّ مِثۡلُ الَّذِیۡ عَلَیۡہِنَّ)۔ مردوں کو یہ حق نہیں کہ وہ اپنی طاقت اور قدرت سے غلط فائدہ اٹھائیں کیونکہ اصل طاقت اور قدرت اللہ تعالیٰ کے لیے ہے (عَزِیۡزٌ حَکِیۡمٌ)۔

آیت ۲۲۹:

زمانہ جاہلیت میں طلاق دینا اور پھر عورت کی طرف رجوع کرلینا ایک عام معاملہ تھا۔ اس میں کوئی محدودیت نہیں تھی۔ اسلام نے حد اکثر دو مرتبہ طلاق دینے کے بعد رجوع کرنے کو جائز قرار دیا۔تیسری دفعہ طلاق کے بعد رجوع نہیں کیا جاسکتا تاکہ عورت اور اس کے خاندان کا احترام محفوظ رہے۔ اسلامی نقطہ نظر سے طلاق ناپسندیدہ عمل ہے۔ اس کو بدترین حلال کا نام دیا گیا ہے۔ کیونکہ بعض دفعہ میاں بیوی کے باہمی تعلقات اس قدر خراب ہوجاتے ہیں کہ ان دونوں کا ایک دوسرے کے ساتھ مل کر زندگی گزارنا ناممکن ہوجاتا ہے۔ اس آیت میں طلاق رجعی جو کی مرد کی جانب سے ہے کے علاوہ طلاق خلع کو بھی بیان کیا ہے جو عورت کی طرف سے مانگی جاتی ہے۔ اس معنی میں کہ عورت شوہر سے طلاق لینے کے لیے اپنا حق مہر یا کچھ اور چیز اسے پیش کرتی ہے اور شوہر اس کے عوض اسے طلاق دیتا ہے۔ دوسروں سے رابطہ اور تعلق توڑنے میں آخری فیصلہ نہ کرلیا جائے بلکہ سوچنے اور واپسی کا میدان کھلا رکھا جائے (اَلطَّلَاقُ مَرَّتٰانِ)۔ بیوی کو اذیت پہنچانا جائز نہیں کہ شوہر اپنی بیوی کو صدمہ پہنچانے کے لیے رجوع کرکے اسے اپنے حال پر چھوڑ دے (فَاِمۡسَاکٌۢ بِمَعۡرُوۡفٍ)۔ ازدواجی زندگی میں ذاتی سلیقوں اور غیر متعارف رویوں سے دوری اختیار کی جائے، روایتی اور رائج ماحول قائم رکھا جائے (فَاِمۡسَاکٌۢ بِمَعۡرُوۡفٍ)۔ طلاق،بغض وکینہ، دشمنی اور انتقام کا سبب نہ بنے بلکہ طلاق دینے کی صورت میں احسان اور بھلائی کرنے کا حکم ہے (اَوۡ تَسۡرِیۡحٌۢ بِاِحۡسَانٍ)۔ اسلام میں حقوق اور احکام، اخلاق اور احساسات و جذبات سے جدا نہیں، احسان اور معروف کی تعبیرات اسی موضوع کو بیان کرتی ہیں (فَاِمۡسَاکٌۢ بِمَعۡرُوۡفٍ اَوۡ تَسۡرِیۡحٌۢ بِاِحۡسَانٍ)۔ حقوق کا لحاظ رکھنا ضروری ہے، مرد کو حق نہیں کہ مہر جو بیوی کا حتمی حق ہے اس سے کچھ واپس لے لے (وَ لَا یَحِلُّ لَکُمۡ اَنۡ تَاۡخُذُوۡا مِمَّاۤ اٰتَیۡتُمُوۡہُنَّ شَیۡئًا)۔ شوہر اور بیوی کی خواہشات الٰہی حدود کے اندر ہوں (اِلَّاۤ اَنۡ یَّخَافَاۤ اَلَّا یُقِیۡمَا حُدُوۡدَ اللّٰہِ)۔ فیصلوں میں مرکزیت الٰہی حدود کا نفاذ اور فرائض کی ادائیگی ہو، اگر الٰہی حدود کا لحاظ رکھا جائے تو ازدواجی زندگی کا سلسلہ باقی رہے گا اگر ایسا نہ ہو تو پھر طلاق کا راستہ ہے (فَاِنۡ خِفۡتُمۡ اَلَّا یُقِیۡمَا حُدُوۡدَ اللّٰہِ)۔

آیت ۲۳۰:

بعض اسلامی قوانین میں جلد بازی میں فیصلے کرنے سے روکا گیا ہے۔ لہذا جو شخص اپنی بیوی کو طلاق دینا چاہتا ہے تو ضروری ہے کہ عورت پاکیزگی کے ایام میں ہو، طلاق دیتے وقت دو عادل گواہ موجود ہوں، ایک عرصہ تک شوہر بیوی کے اخراجات ادا کرے، ان شرائط میں سے ہر شرط طلاق کے امر میں جلد بازی سے روک سکتی ہے۔ مرد اپنے اختیارات سے غلط فائدہ نہ اٹھائے، امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: طلاق کو ہلکا نہ لیں اور عورتوں کو نقصان نہ پہنچائیں(فَلَا تَحِلُّ لَہٗ)۔ حدود الٰہی کا تعلق فقط نماز، روزہ، حج، زکات اور جہاد سے نہیں بلکہ خاندانی مسائل کے لیے بھی الٰہی حدود ہیں (تِلۡکَ حُدُوۡدُ اللّٰہِ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 231 تا 233
وَإِذَا طَلَّقۡتُمُ ٱلنِّسَآءَ فَبَلَغۡنَ أَجَلَهُنَّ فَأَمۡسِكُوهُنَّ بِمَعۡرُوفٍ أَوۡ سَرِّحُوهُنَّ بِمَعۡرُوفٖۚ وَلَا تُمۡسِكُوهُنَّ ضِرَارٗا لِّتَعۡتَدُواْۚ وَمَن يَفۡعَلۡ ذَٰلِكَ فَقَدۡ ظَلَمَ نَفۡسَهُۥۚ وَلَا تَتَّخِذُوٓاْ ءَايَٰتِ ٱللَّهِ هُزُوٗاۚ وَٱذۡكُرُواْ نِعۡمَتَ ٱللَّهِ عَلَيۡكُمۡ وَمَآ أَنزَلَ عَلَيۡكُم مِّنَ ٱلۡكِتَٰبِ وَٱلۡحِكۡمَةِ يَعِظُكُم بِهِۦۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ بِكُلِّ شَيۡءٍ عَلِيمٞ ٢٣١ وَإِذَا طَلَّقۡتُمُ ٱلنِّسَآءَ فَبَلَغۡنَ أَجَلَهُنَّ فَلَا تَعۡضُلُوهُنَّ أَن يَنكِحۡنَ أَزۡوَٰجَهُنَّ إِذَا تَرَٰضَوۡاْ بَيۡنَهُم بِٱلۡمَعۡرُوفِۗ ذَٰلِكَ يُوعَظُ بِهِۦ مَن كَانَ مِنكُمۡ يُؤۡمِنُ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِۗ ذَٰلِكُمۡ أَزۡكَىٰ لَكُمۡ وَأَطۡهَرُۚ وَٱللَّهُ يَعۡلَمُ وَأَنتُمۡ لَا تَعۡلَمُونَ ٢٣٢ ۞ وَٱلۡوَٰلِدَٰتُ يُرۡضِعۡنَ أَوۡلَٰدَهُنَّ حَوۡلَيۡنِ كَامِلَيۡنِۖ لِمَنۡ أَرَادَ أَن يُتِمَّ ٱلرَّضَاعَةَۚ وَعَلَى ٱلۡمَوۡلُودِ لَهُۥ رِزۡقُهُنَّ وَكِسۡوَتُهُنَّ بِٱلۡمَعۡرُوفِۚ لَا تُكَلَّفُ نَفۡسٌ إِلَّا وُسۡعَهَاۚ لَا تُضَآرَّ وَٰلِدَةُۢ بِوَلَدِهَا وَلَا مَوۡلُودٞ لَّهُۥ بِوَلَدِهِۦۚ وَعَلَى ٱلۡوَارِثِ مِثۡلُ ذَٰلِكَۗ فَإِنۡ أَرَادَا فِصَالًا عَن تَرَاضٖ مِّنۡهُمَا وَتَشَاوُرٖ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِمَاۗ وَإِنۡ أَرَدتُّمۡ أَن تَسۡتَرۡضِعُوٓاْ أَوۡلَٰدَكُمۡ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ إِذَا سَلَّمۡتُم مَّآ ءَاتَيۡتُم بِٱلۡمَعۡرُوفِۗ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ بِمَا تَعۡمَلُونَ بَصِيرٞ ٢٣٣
ترجمہ
جس وقت تم نے بیویوں کو طلاق دے دی اور انہوں نے عدت کی مدت کو پورا کرلیا تو یا تو انہیں مناسب طریقہ سے اپنے پاس رکھو اور صلح کرلو یا انہیں پسندیدہ طریقہ سے روانہ کردو، ان کو اذیت پہنچانے کے لیے انہیں روک کر نہ رکھو کہ اس طرح تم ان کے حقوق میں زیادتی کرو، جو بھی اس طرح کرے تو اس نے خود اپنے اوپر ظلم کیا ہے، خبردار کہ تم اللہ کی آیات کو مسخرہ قرار دو اور اللہ نے تمہیں جو نعمت دی ہے اور تم پر آسمانی کتاب کو اتاری ہے اور تمہارے اوپر حکمت کو اتاری ہے، اللہ ان کے وسیلہ سے وعظ و نصیحت دیتا ہے، تم اللہ کا تقویٰ اپناؤ اور یہ جان لو کہ اللہ ہر چیز سے آگاہ ہے۔(۲۳۱) جب تم نے بیویوں کو طلاق دے دی اور انہوں نے عدت کی مدت کو پورا کرلیا تو ان کے لیے مانع نہ بنو کہ وہ اپنے سابق شوہروں سے نکاح کریں البتہ اگر ان کے درمیان پسندیدہ سے معاملات طے کرلیں، تم میں سے صرف وہ افراد جو اللہ اور قیامت پر ایمان رکھتے ہیں اس سے نصیحت لیتے ہیں، یہ امر تمہاری پاکیزگی کے لیے بہتر ہے، اللہ جانتا ہے اور تم جانتے نہیں ہو۔(۲۳۲) جو مائیں چاہتی ہیں کہ بچے کی دودھ پلائی کو پورا کریں تو وہ پورے دو سال بچے کو دودھ پلائیں، ان ماؤں کی خوراک اور لباس ان کےباپ (جو صاحب اولاد ہے) پر ہے کہ وہ اچھے انداز میں دے دے، البتہ کسی پر اس کی مالی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالا جاتا، کوئی بھی ماں اپنے بیٹے کی خاطر، نیز کوئی باپ اپنے بیٹے کی خاطر نقصان نہ اٹھائے۔ ماں کا خرچہ وارث کے ذمہ ہے اور ماں باپ اتفاق کریں اور باہمی مشاورت سے بچے کو دو سال سے پہلے دودھ چھڑائی کردیں تو ان پر گناہ نہیں اور اگر اپنی اولاد کے لیے دایہ لیں تو بھی تمہارے اوپر کوئی گناہ نہیں، شرط یہ ہے کہ تم نے جو مقدار طے کردیا ہے اسے ادا کرو، اللہ کے فرمان کی مخالفت سے بچو اور یہ جان لو کہ جو تم انجام دیتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۳۳)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۳۱:

جس جگہ پر ظلم اور انحراف کا خطرہ زیادہ ہو اس بارے زیادہ خبردار کیا جاتا ہے اور خطرات سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ باوجود اس کے کہ سابقہ دو آیات میں فرمایا:( فَاِمۡسَاکٌۢ بِمَعۡرُوۡفٍ اَوۡ تَسۡرِیۡحٌۢ بِاِحۡسَانٍ) اس آیت میں دوبارہ فرمایا ہے (فَاَمۡسِکُوۡہُنَّ بِمَعۡرُوۡفٍ اَوۡ سَرِّحُوۡہُنَّ بِمَعۡرُوۡفٍ)کیونکہ عورت اور مرد کی ایک دوسرے سے جدائی کے وقت ان کے جذبات غیر معمولی ہوتے ہیں، انتقام اور دوسرے کو تکلیف دینے کابہت زیادہ احتمال اور جبر و تشدد کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ نظام خلقت میں عورت اور مرد جسم واحد کا حصہ ہیں۔جسم کے ایک حصہ پر ظلم تمام اعضاء پر ظلم کرنے کے مترادف ہے۔جو شخص عورت پر ظلم کرتا ہے تو اسے الٰہی عذاب کا سامنا کرنا ہوگا، اس لیے گویا اس نے اپنے آپ پر ظلم کیا ہے۔ شادی اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ایک بڑی نشانی ہے۔ جیسا کہ سورہ روم کی آیت ۲۱ میں آیا ہے (وَ مِنۡ اٰیٰتِہٖۤ اَنۡ خَلَقَ لَکُمۡ مِّنۡ اَنۡفُسِکُمۡ اَزۡوَاجًا لِّتَسۡکُنُوۡۤا اِلَیۡہَا وَ جَعَلَ بَیۡنَکُمۡ مَّوَدَّۃً وَّ رَحۡمَۃً) یہ اس لیے الٰہی نشانی ہے کہ اللہ نے خود تمہارے وجود سے تمہارے لیے زوجہ خلق کیا ہے تاکہ تمہارے سکون کا وسیلہ بنے اور تمہارے اور ان کے درمیان مودّت اور رحمت برقرار ہو۔ اسلام چاہتا ہے کہ میاں بیوی کی ازدواجی زندگی پیار و محبت کے ہمراہ اور دوستانہ ہو، بیوی کو اذیت دینے کے لیے اپنے پاس رکھنا حرام ہے (وَ لَا تُمۡسِکُوۡہُنَّ ضِرَارًا لِّتَعۡتَدُوۡا)۔ جو لوگ اپنی بیوی سے بدسلوکی کرتے ہیں وہ ظلم و زیادتی کرتے ہیں (لِتَعۡتَدُوۡا)۔ بیوی پر ظلم کرنا اپنے اوپر ظلم ہے (فَقَدۡ ظَلَمَ نَفۡسَہٗ)۔ بیوی کو بلا وجہ طلاق دینا یا اپنے پاس رکھ کر اسے اذیت دینے کا ارادہ رکھنا اسلامی مقدس قانون نکاح کا مذاق اڑانا ہے (وَ لَا تَتَّخِذُوۡۤا اٰیٰتِ اللّٰہِ ہُزُوًا)۔ بغض اور کینے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو یاد کرو، تلخیوں اور کمزوریوں پر نظر رکھنے کی جگہ الٰہی نعمات پر نظر رکھو، خاندانی مشکلات کو اللہ تعالیٰ کی بے حساب نعمتوں کے مقابلے میں معمولی جانو (وَ اذۡکُرُوۡا نِعۡمَتَ اللّٰہِ عَلَیۡکُمۡ)۔ ازدواجی تعلقات کی بہتری کے لیے اس حوالے سے آسمانی کتاب میں دئے گئے احکام اور دستورات پر توجہ دی جائے اور تقویٰ اپنایا جائے (وَ اذۡکُرُوۡا ۔۔۔ وَ مَاۤ اَنۡزَلَ عَلَیۡکُمۡ مِّنَ الۡکِتٰبِ وَ الۡحِکۡمَۃِ یَعِظُکُمۡ بِہٖ)۔ جو شخص خود کو اللہ تعالیٰ کے سامنے حاضرسمجھتا ہے وہ گناہ سے بچتا ہے (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ وَ اعۡلَمُوۡۤا اَنَّ اللّٰہَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ)۔ اگر بیوی کو طلاق دینے کا مقصد اس پر ظلم کرنا اور طلاق کے شرعی حکم سے غلط فائدہ اٹھانا ہے تو شوہر جان لے کہ اللہ تعالیٰ اس کی نیت سے آگاہ ہے(اَنَّ اللّٰہَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۳۲:

اگر طلاقہ یافتہ عورتیں اپنے سابقہ شوہروں کے ساتھ رہنے پر راضی ہوجائیں اور دوبارہ ان سے شادی کریں تو اس کے انفرادی اور معاشرہ کی بہتری کے لیے بہت زیادہ مثبت اثرات مرتب ہوں گے(ذٰلِکُمۡ اَزۡکٰی لَکُمۡ وَ اَطۡہَرُ) کیونکہ اس قسم کی شادی میں ان کے پوشیدہ راز آشکار نہیں ہوں گے اور اولاد اپنے والدین کے زیر سایہ پرورش پائے گی نیز یہ کہ شوہر اور بیوی طلاق کے تلخ ذائقہ کو چکھ چکے ہیں اس لیے وہ ایک دوسرے سے دوبارہ جدا ہونے کے بارے سوچنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ شوہر کے انتخاب میں طلاق یافتہ عورت کی رائے محترم ہے۔ دوسری شادی کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں (فَلَا تَعۡضُلُوۡہُنَّ)۔ ایک دفعہ طلاق دے کر ہمیشہ کے لیے بدگمان نہ ہوجاؤ کیونکہ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ طلاق دینے کے بعد شوہر اور بیوی پشیمان ہوجاتے ہیں اور نئے سرے سے ایک ساتھ زندگی گزارنے کے لیے آمادہ ہوجاتے ہیں اور دوبارہ اکٹھے ہو کر بہتر انداز میں زندگی گزارتے ہیں (یَنۡکِحۡنَ اَزۡوَاجَہُنَّ)۔ شادی کی بنیادی شرط فریقین کی رضایت ہے (تَرَاضَوۡا بَیۡنَہُمۡ)۔ شادی کے لیے راضی ہوناعاقلانہ اور منصفانہ بنیاد پر ہو (تَرَاضَوۡا بَیۡنَہُمۡ بِالۡمَعۡرُوۡفِ)۔ جو لوگ دوسروں کی جائز شادی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں یا اس کی راہ میں مشکلات پیدا کرتے ہیں تو وہ اللہ اور قیامت کے بارے اپنے ایمان میں شک کریں (فَلَا تَعۡضُلُوۡہُنَّ۔۔۔ ذٰلِکَ یُوۡعَظُ بِہٖ مَنۡ کَانَ مِنۡکُمۡ یُؤۡمِنُ بِاللّٰہِ وَ الۡیَوۡمِ الۡاٰخِرِ)۔ فطری اور جائز میلانات کے سامنے رکاوٹ نہ کھڑی کرو کیونکہ ایسا ہوسکتا ہے کہ عورت اور مرد کے درمیان طلاق نے جو جدائی ڈالی ہے اس کے باوجود ان کے ذہنوں میں ماضی کی خوشگوار یادیں موجود ہوں اور بعض اوقات وہ ان شیرین لمحات کو یاد کر بیٹھیں، اگر وہ جائز طریقہ سے اس تک نہ پہنچ پائیں تو انحراف کا خطرہ موجود ہے (یَنۡکِحۡنَ اَزۡوَاجَہُنَّ ۔۔۔ذٰلِکُمۡ اَزۡکٰی لَکُمۡ وَ اَطۡہَرُ )۔ معاشرہ کی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ طلاق یافتہ عورتیں بغیر شوہر کے زندگی نہ گزاریں (یَنۡکِحۡنَ ۔۔۔ذٰلِکُمۡ اَزۡکٰی لَکُمۡ وَ اَطۡہَرُ )۔ سابقہ شوہر سے دوبارہ شادی کرنے کی برکات اور عورت کو طلاق دینے اور طلاق کے بعد اس کا بغیر شوہر کے رہنے کی خرابیاں ہمارے درک سے باہر ہیں(وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ وَ اَنۡتُمۡ لَا تَعۡلَمُوۡنَ)۔

آیت ۲۳۳:

ماں باپ اور اولاد بارے اس آیت میں (اب)، (ام) کی تعبیر نہیں لائی گئی ہے بلکہ والد اور والدہ کے الفاظ آئے ہیں۔ کیونکہ (اب) اور (ام) کے الفاظ چچا، معلم، بیوی کے باپ اور ماں پر بھی بولے جاتے ہیں، نیز نانی پر بھی (ام) بولا جاتا ہے۔ جس طرح پیغمبراکرمﷺ کی بیویوں کو مومنوں کی مائیں کہا گیا ہے؛ وہ ’’والدات‘‘ نہیں ہیں۔ سابقہ آیات طلاق او شوہر اور بیوی کی جدائی بارے تھیں اس لیے ضروری تھا کہ بچوں اور نومولود کے بارے ان کی ذمہ داریاں واضح کی جائیں تاکہ وہ ماں باپ کے اختلافات کی لپیٹ میں نہ آجائیں۔ اس آیت میں ماں کے احساسات اور جذبات، ماں کے دودھ کے فوائد اور فطری طور پر بچے کے لیے درکار ماں کے دودھ کی مدت کو بیان کیا گیا ہے۔ اسلام ایک جامع دین ہے۔ اس حد تک کہ اس میں نومولود کی غذا کے بارے میں بھی حکم دیا گیا ہے نیز ماں کے دودھ بارے پروگرام دیا گیا ہے (وَ الۡوَالِدٰتُ یُرۡضِعۡنَ)۔ جس بچے کی ماں کو اس کے باپ نے طلاق دی ہے وہ اسے دودھ پلانے کے لیے دوسری عورتوں پر مقدم ہے (وَ الۡوَالِدٰتُ یُرۡضِعۡنَ)۔ دودھ پلانے کی مدت پورے دو سال ہے (حَوۡلَیۡنِ کَامِلَیۡنِ)۔ دودھ پلانے کے حوالے سے ماں اور دایہ کے مالی حقوق ادا کئے جائیں (وَ عَلَی الۡمَوۡلُوۡدِ لَہٗ رِزۡقُہُنَّ وَ کِسۡوَتُہُنَّ ۔۔۔اِذَا سَلَّمۡتُمۡ مَّاۤ اٰتَیۡتُمۡ)۔ ماں اور دایہ کے اخراجات کی رقم معاشرہ میں رائج عرف اور بچے کے باپ کی استطاعت کے مطابق ہونی چاہیے(بِالۡمَعۡرُوۡفِ ؕ لَا تُکَلَّفُ نَفۡسٌ اِلَّا وُسۡعَہَا)۔ مالی واجبات انسان کی استطاعت کے مطابق ہیں(لَا تُکَلَّفُ نَفۡسٌ اِلَّا وُسۡعَہَا)۔ بچہ والدین کو نقصان پہنچانے کا سبب نہ بنے ( لَا تُضَآرَّ وَالِدَۃٌۢ بِوَلَدِہَا)۔ دودھ پلائی کے دوران ماں کے اخراجات زندگی پورے کئے جائیں اگرچہ بچے کا باپ مر ہی کیوں نہ چکا ہو (وَ عَلَی الۡوَارِثِ مِثۡلُ ذٰلِکَ)۔ بچے کی دودھ چھڑائی والدین کے باہمی مشورہ سے ہو (فَاِنۡ اَرَادَا فِصَالًا عَنۡ تَرَاضٍ مِّنۡہُمَا وَ تَشَاوُرٍ)۔ ماں باپ نومولود بارے آپس میں مشورہ کریں (تَشَاوُرٍ)۔ دودھ دینے کے لیے ماں مقدم ہے۔ اگر ماں قبول نہ کرے تو پھر دایہ دودھ پلائے (وَ الۡوَالِدٰتُ یُرۡضِعۡنَ ۔۔۔اِنۡ اَرَدۡتُّمۡ اَنۡ تَسۡتَرۡضِعُوۡۤا اَوۡلَادَکُمۡ)۔ بچوں کو کھلانے پلانے میں تقویٰ کا لحاظ رکھنا والدین کی ذمہ داری ہے (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 234 تا 237
وَٱلَّذِينَ يُتَوَفَّوۡنَ مِنكُمۡ وَيَذَرُونَ أَزۡوَٰجٗا يَتَرَبَّصۡنَ بِأَنفُسِهِنَّ أَرۡبَعَةَ أَشۡهُرٖ وَعَشۡرٗاۖ فَإِذَا بَلَغۡنَ أَجَلَهُننَّ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ فِيمَا فَعَلۡنَ فِيٓ أَنفُسِهِنَّ بِٱلۡمَعۡرُوفِۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ خَبِيرٞ ٢٣٤ وَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ فِيمَا عَرَّضۡتُم بِهِۦ مِنۡ خِطۡبَةِ ٱلنِّسَآءِ أَوۡ أَكۡنَنتُمۡ فِيٓ أَنفُسِكُمۡۚ عَلِمَ ٱللَّهُ أَنَّكُمۡ سَتَذۡكُرُونَهُنَّ وَلَٰكِن لَّا تُوَاعِدُوهُنَّ سِرًّا إِلَّآ أَن تَقُولُوواْ قَوۡلٗا مَّعۡرُوفٗاۚ وَلَا تَعۡزِمُواْ عُقۡدَةَ ٱلنِّكَاحِ حَتَّىٰ يَبۡلُغَ ٱلۡكِتَٰبُ أَجَلَهُۥۚ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ يَعۡلَمُ مَا فِيٓ أَنفُسِكُمۡ فَٱحۡذَرُوهُۚ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ غَفُورٌ حَلِيمٞ ٢٣٥ لَّا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ إِن طَلَّقۡتُمُ ٱلنِّسَآءَ مَا لَمۡ تَمَسُّوهُنَّ أَوۡ تَفۡرِضُواْ لَهُنَّ فَرِيضَةٗۚ وَمَتِّعُوهُنَّ عَلَى ٱلۡمُوسِعِ قَدَرُهُۥ وَعَلَى ٱلۡمُقۡتِرِ قَدَرُهُۥ مَتَٰعَۢا بِٱلۡمَعۡرُوفِۖ حَقًّا عَلَى ٱلۡمُحۡسِنِينَ ٢٣٦ وَإِن طَلَّقۡتُمُوهُنَّ مِن قَبۡلِ أَن تَمَسُّوهُنَّ وَقَدۡ فَرَضۡتُمۡ لَهُنَّ فَرِيضَةٗ فَنِصۡفُ مَا فَرَضۡتُمۡ إِلَّاآ أَن يَعۡفُونَ أَوۡ يَعۡفُوَاْ ٱلَّذِي بِيَدِهِۦ عُقۡدَةُ ٱلنِّكَاحِۚ وَأَن تَعۡفُوٓاْ أَقۡرَبُ لِلتَّقۡوَىٰۚ وَلَا تَنسَوُاْ ٱلۡفَضۡلَ بَيۡنَكُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ بِمَاا تَعۡمَلُونَ بَصِيرٌ ٢٣٧
ترجمہ
اور جو تم سے وفات پاجاتے ہیں اور اپنے پیچھے بیویاں چھوڑتے ہیں تو وہ عورتیں چاہ مہینے انتظار کریں، جب ان کی عدت کی مدت پوری ہوجائے تو پھر تم پر گناہ نہیں ہے کہ جو تمہارے لیے بہتر ہے وہ اپنے بارے انجام دیں (اپنی پسند سے شادی کریں) اور جو تم عمل کرتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۳۴) تمہارے اوپر کوئی حرج نہیں کہ جو عورتیں عدت میں ہیں ان سے اشارے کنایے سے نکاح کی بات کرو یا اپنی خواہش کو دل میں چھپا کر رکھو، اللہ جانتا ہے کہ تم ان سے ذکر کرو گے، لیکن ان سے خفیہ انداز میں قول و قرار مت کرو مگر یہ کہ اشارہ سے پسندیدہ بات کہو، لیکن نکاح مت کرو یہاں تک کہ طے شدہ مدت پوری ہوجائے، یہ بات جانو کہ جو کچھ تمہارے دل میں ہے اللہ اس سے آگاہ ہے، پس اللہ کی مخالفت کرنے سے ڈرو، یہ جان لو کہ اللہ بخشنے والا اور مہربان ہے۔(۲۳۵) اس میں کوئی حرج نہیں کہ تم عورتوں کو ہاتھ لگانے(ہمبستری کرنے) اور مہر معین کرنے سے پہلے طلاق دو، اس صورت میں انہیں مناسب ہدیہ دے کر رخصت کرو، مالدار اپنی وسعت کے مطابق اور تنگدست اپنی وسعت کے مطابق ہدیہ دے، یہ کام نیکو کاروں کی شان کے لائق ہے۔(۲۳۶) اور اگر تم عورتوں کو ہاتھ لگانے سے قبل اور ان کے لیے مہر معین کرنے کے بعد طلاق دو تو آدھا مہر جو طے کررکھا ہے وہ انہیں دے دو مگر یہ کہ وہ اسے شوہر کے لیے معاف کردے یا ان کا ولی(جس کے ہاتھ میں اس کےنکاح کا اختیار ہے) اسے معاف کردے اور یہ کہ تم مہربانی کرتے ہوئے اسے پورا مہریہ دے دو تو یہ بات تقویٰ کے زیادہ قریب ہے، مہربانی کرنے اور احسان سے پیش آنے کی روش کو مت بھولو کہ جو تم انجام دیتے ہو خدا اس سے آگاہ ہے۔(۲۳۷)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۳۴:

جن عورتوں کے شوہر فوت ہوجاتے ہیں ان کے بارے مختلف اقوام اور ملتوں کے عقائد اور رسوم بارے تفسیر المیزان میں ایک رپورٹ بیان ہوئی ہے۔ کچھ اقوام کا یہ عقیدہ ہے کہ جب شوہر مرجائے تو اس کے ساتھ اس کی بیوی کو بھی جلا دیا جائے۔ کچھ کا عقیدہ ہے کہ وہ ہمیشہ کے لیے بغیر شوہر کے زندگی گزاریں، کچھ ایک سال یا نو ماہ سے پہلے شادی جائز نہیں سمجھتے، کچھ کے نزدیک شوہر نے اگر وصیت کی ہوتو اس پر عمل کرے اور جتنے عرصہ کے لیے وصیت کی ہے اس عرصہ تک شادی نہ کرے، کچھ شوہر کے مرتے ہیں فوراً شادی کو جائز سمجھتے ہیں۔ ان انحرافی عقائد میں افراط و تفریط نمایاں ہے۔ اسلام نے ایک مخصوص مدت تک انتظار کا کہا ہے اور وہ چار مہینے دس دن ہے، اس کے بعد عورت کسی مرد سے شادی کرسکتی ہے۔ چار مہینے دس دن کے عرصہ میں واضح ہوجائے گا کہ بیوی حاملہ ہے یا نہیں۔ یہ مدت ان کے لیے ہے جن کا حاملہ ہونا واضح نہیں ہے لیکن جن کا حاملہ ہونا واضح ہو تو ان کی عدت کی مدت وضع حمل ہے کہ وہ بچہ پیدا ہونے تک انتظار کریں گی۔ قرآن مجید میں نکاح کے ہمراہ زیادہ تر ’’معروف‘‘ کا لفظ استعمال ہوا ہے، یہ اس بات کو بتا رہا ہے کہ ہر طرح کا فیصلہ عاقلانہ ہو۔ موت نابودی اور خاتمہ نہیں بلکہ روح کو جسم سے واپس لے لینا ہے (توفّی) کا معنی پورا پورا واپس لے لینا ہے (یُتَوَفَّوۡنَ مِنۡکُمۡ)۔ بیوی کو حق نہیں کہ وہ شوہر کی وفات کے فوراً بعد نکاح کرلے (یَتَرَبَّصۡنَ بِاَنۡفُسِہِنَّ)۔ شوہر کے مرنے کے بعد اس کی بیوی کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار اس کے رشتہ داروں کو نہیں (فَلَا جُنَاحَ عَلَیۡکُمۡ فِیۡمَا فَعَلۡنَ)۔ اس پر ایمان کہ تمام تر فیصلے اور کام اللہ تعالیٰ کے علم میں ہیں تقویٰ اختیار کرنے کا بہترین وسیلہ ہے (وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ خَبِیۡرٌ)۔

آیت ۲۳۵:

(عَرَّضۡتُمۡ)اشارہ اور کنایہ سے بات کرنے کو کہتے ہیں اور (خِطۡبَۃ)رشتہ مانگنے کے معنی میں ہے۔ اس آیت میں بیان ہوا ہے کہ عدت کے ایام میں نکاح اور شادی کے لیے میلان ظاہر کرنے میں کوئی حرج نہیں، شرط یہ ہے کہ اسے کھل کر بیان نہ کیا جائے بلکہ اشارہ کنایہ سے ہو۔ اسلام فطری دین ہے۔ انسان فطرتاً نکاح کی خواہش رکھتا ہے اس لیے اسلام نے اجازت دی ہے کہ عدت کےدوران بھی اس خواہش کا اظہار کیا جاسکتا ہے۔ البتہ اس خواہش کا اظہار اشارہ کنایہ سے ہو تاکہ رشتہ داروں کے جذبات اور احساسات مجروح نہ ہوں (وَ لَا جُنَاحَ عَلَیۡکُمۡ فِیۡمَا عَرَّضۡتُمۡ)۔ انسانی میلانات، جذبات، احساسات اور فطری تقاضوں پر توجہ دی جائے۔ فطری تقاضوں اور جذبات کو نہ دبایا جائے۔جوانوں کی رہنمائی کی جائے، انہیں خبردار رکھیں کہ ان خواہشات کو پورا کرنے کے لیے غلط اقدام نہ اٹھائیں (عَلِمَ اللّٰہُ اَنَّکُمۡ سَتَذۡکُرُوۡنَہُنَّ وَ لٰکِنۡ لَّا تُوَاعِدُوۡہُنَّ سِرًّا)۔ تجاویز دینے کے لیے وقت اور حالات کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، جو عورت غمگین ہے، اسے اپنے پیاروں سے جدائی کا غم ہوتا ہے لہذا عدت کے ایام میں صراحت کے ساتھ اس کا رشتہ مانگنا بے ادبی اور نامناسب عمل اور ایک طرح کی گستاخی ہے (عَرَّضۡتُمۡ ۔۔۔تَقُوۡلُوۡا قَوۡلًا مَّعۡرُوۡفًا)۔ جسے یقین ہو کہ اللہ تعالیٰ باطن سے آگاہ ہے تو وہ تقویٰ اپناتا ہے (یَعۡلَمُ مَا فِیۡۤ اَنۡفُسِکُمۡ فَاحۡذَرُوۡہُ)۔ ہر حال میں خاص کر ازدواجی مسائل میں تقویٰ کو مد نظر رکھا جائے (فَاحۡذَرُوۡہُ)۔ اللہ تعالیٰ اپنے حلم کے تحت لوگوں کی بے صبری اور کم صبری کی کیفیت کی تلافی فرما دیتا ہے۔ کچھ افراد کو بہت جلدی ہوتی ہے اور وہ عدت کے ایام میں رشتہ مانگنے کے لیے بیوہ عورت کے پاس پہنچ جاتے ہیں جو غمزدہ اور سوگ کی حالت میں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے حلم کی بنا پر اس سے روکا نہیں (اَنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ حَلِیۡمٌ)۔ خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ واپسی کی گنجائش بھی رکھیں (فَاحۡذَرُوۡہُ۔۔۔ غَفُوۡرٌ حَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۳۶:

بعض کا خیال تھا کہ بیوی سے ہمبستری کرنے سے پہلے اور مہر معین کرنے سے پہلے اسے طلاق دینا صحیح نہیں۔ اس آیت میں اس سوچ کی درستگی کی گئی ہے اور ہدیہ دینے کے مورد کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ طلاق دینے تک کا عمل خیرخواہی اور اچھائی کے جذبہ سے ہو، انتقام لینے یا اذیت دینے کے لیے نہ ہو (اِنۡ طَلَّقۡتُمُ ۔۔۔مَتِّعُوۡہُنَّ ۔۔۔ بِالۡمَعۡرُوۡفِ ۚ حَقًّا عَلَی الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔ گفتگو میں پاکیزگی ایک قدر اور شان ہے۔ ازدواجی مسائل کو کھل کر بیان کرنے کی بجائے فرمایا(مَا لَمۡ تَمَسُّوۡہُنَّ)۔ حقِ مہر کا تعیّن اور اسے ادا کرنا مرد پرواجب ہے (تَفۡرِضُوۡا لَہُنَّ فَرِیۡضَۃً)۔ مناسب ہدیہ دے کر طلاق کی تلخی کو دور یاکم کیا جاسکتا ہے۔ اگر ہمبستری نہ بھی کی گئی ہو تب بھی طلاق عورت کے لیے ایک قسم کا ذہنی دباؤ شمار ہوتا ہے اس لیے اس صدمہ کو مناسب ہدیہ دے کر دور یا کم کیا جاسکتا ہے (مَتِّعُوۡہُنَّ)۔ رشتہ ازدواج میں قداست اور احترام ہے اگرچہ ہمبستری نہ بھی کی ہو، نکاح کا صیغہ جاری ہونے پر عورت کو حق ہے کہ شوہر سے جدائی کی صورت میں اس سے مناسب ہدیہ وصول کرے (مَتِّعُوۡہُنَّ)۔ مرد اور عورت دونوں کی جانب سے انصاف اور عدالت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ جس طرح عورت کے دلی صدمہ کا مداوا ہدیہ دے کر کیا جانا چاہیے، اسی طرح مرد پر بھی دباؤ نہ ہو کہ وہ ہر صورت ہدیہ دے ، ہر ایک اپنی استطاعت کے مطابق اقدام کرے (عَلَی الۡمُوۡسِعِ قَدَرُہٗ وَ عَلَی الۡمُقۡتِرِ قَدَرُہٗ)۔ مرد پر اس کی مالی استطاعت کے مطابق گھرانے کے اخراجات واجب ہیں(عَلَی الۡمُوۡسِعِ قَدَرُہٗ وَ عَلَی الۡمُقۡتِرِ قَدَرُہٗ)۔ میاں بیوی کے سماجی روابط کا احترام ضروری ہے، (مَعۡرُوۡفِ)کی تعبیر لائی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ معاشرے میں رائج رسوم و رواج کا لحاظ رکھا جائے (مَتَاعًۢا بِالۡمَعۡرُوۡفِ)۔ زندگی کے معاملات میں افراط و تفریط سے دور رہو (بِالۡمَعۡرُوۡفِ)۔ بیوی کو ہدیہ دینا نیکوکاری کی نشانیوں سے ہے (مَتَاعًۢا بِالۡمَعۡرُوۡفِ ۚ حَقًّا عَلَی الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔ ہدیہ جنس کی صورت میں ہو تو بہتر ہے۔ نقد پیسے دینے کی بجائے لباس، سامان، انگوٹھی جیسی اشیاء دینا بہتر ہے، اس لیے کہا گیا ہے (مَتَاعًۢا بِالۡمَعۡرُوۡفِ)۔ شوہر جو کچھ دے وہ ہدیہ کے طور پر ہو، صدقہ، تاوان یا بوجھ سمجھ کر نہ دیا جائے، یہ شوہر پر ایک طرح کا بیوی کا حق ہے (حَقًّا عَلَی الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔ اخلاق، اسلامی احکام کی ضمانت ہے (حَقًّا عَلَی الۡمُحۡسِنِیۡنَ)۔

آیت ۲۳۷:

ازدواجی زندگی سے متعلق مسائل پر جب گفتگو کی جائے تو مناسب الفاظ کا چناؤ کیا جائے (تَمَسُّوۡہُنَّ)۔ حق مہر ادا کرنا مرد پر واجب ہے (فَرِیۡضَۃً)۔ میاں بیوی کا ایک دوسرے کو معاف کرنا دونوں کے لیے پسندیدہ اور اچھا عمل ہے، لہذا عورت آدھا مہر معاف کردے یا مرد پورا مہر ادا کرے (یَعۡفُوۡنَ۔۔۔تَعۡفُوۡۤا)۔ عورت کے نکاح کا اختیار اس کے ولی کے ہاتھ میں ہے (بِیَدِہٖ عُقۡدَۃُ النِّکَاحِ)۔ بخشش کرنے والے تقویٰ کے زیادہ قریب ہیں (وَ اَنۡ تَعۡفُوۡۤا اَقۡرَبُ لِلتَّقۡوٰی)۔ طلاق دینے میں بھی معافی، احترام اور کرامت کا پہلو مد نظر رکھا جائے (تَعۡفُوۡۤا۔۔۔لَا تَنۡسَوُا الۡفَضۡلَ)۔ طلاق میں اخلاقی مسائل اور انسانی شرف اور کرامت جیسے امور کو نہ بھلایا جائے (وَ لَا تَنۡسَوُا الۡفَضۡلَ بَیۡنَکُمۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 238 تا 245
حَٰفِظُواْ عَلَى ٱلصَّلَوَٰتِ وَٱلصَّلَوٰةِ ٱلۡوُسۡطَىٰ وَقُومُواْ لِلَّهِ قَٰنِتِينَ ٢٣٨ فَإِنۡ خِفۡتُمۡ فَرِجَالًا أَوۡ رُكۡبَانٗاۖ فَإِذَآ أَمِنتُمۡ فَٱذۡكُرُواْ ٱللَّهَ كَمَا عَلَّمَكُم مَّا لَمۡ تَكُونُواْ تَعۡلَمُونَ ٢٣٩ وَٱلَّذِينَ يُتَوَفَّوۡنَ مِنكُمۡ وَيَذَرُونَ أَزۡوَٰجٗا وَصِيَّةٗ لِّأَزۡوَٰجِهِم مَّتَٰعًا إِلَى ٱلۡحَوۡلِ غَيۡرَ إِخۡرَاجٖۚ فَإِنۡ خَرَجۡنَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ فِي مَا فَعَلۡنَ فِيٓ أَنفُسِهِنَّ مِن مَّعۡرُوفٖۗ وَٱللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٞ ٢٤٠ وَلِلۡمُطَلَّقَٰتِ مَتَٰعُۢ بِٱلۡمَعۡرُوفِۖ حَقًّا عَلَى ٱلۡمُتَّقِينَ ٢٤١ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمۡ ءَايَٰتِهِۦ لَعَلَّكُمۡ تَعۡقِلُونَ ٢٤٢ ۞ أَلَمۡ تَرَ إِلَى ٱلَّذِينَ خَرَجُواْ مِن دِيَٰرِهِمۡ وَهُمۡ أُلُوفٌ حَذَرَ ٱلۡمَوۡتِ فَقَالَ لَهُمُ ٱللَّهُ مُوتُواْ ثُمَّ أَحۡيَٰهُمۡۚ إِنَّ ٱللَّهَ لَذُو فَضۡلٍ عَلَى ٱلنَّاسِ وَلَٰكِنَّ أَكۡثَرَ ٱلنَّاسِ لَا يَشۡكُرُونَ ٢٤٣ وَقَٰتِلُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٞ ٢٤٤ مَّن ذَا ٱلَّذِي يُقۡرِضُ ٱللَّهَ قَرۡضًا حَسَنٗا فَيُضَٰعِفَهُۥ لَهُۥٓ أَضۡعَافٗا كَثِيرَةٗۚ وَٱللَّهُ يَقۡبِضُ وَيَبۡصُۜطُ وَإِلَيۡهِ تُرۡجَعُونَ ٢٤٥
ترجمہ
ساری نمازوں خاص کر نماز وسطیٰ (ظہر) کی حفاظت کرو، اللہ کو خضوع کے ساتھ پکارتے ہوئے قیام کرو۔(۲۳۸) اگر تم دشمن کی طرف سے یا کسی اور جمعیت سے خطرہ محسوس کرو تو تم پیدل حالت میں یا سواریوں پر نماز ادا کرو، جب امن میں ہوجاؤ تو معمول کے مطابق نماز ادا کرکے اللہ کو یاد کرو جس طرح اللہ نے تمہیں تعلیم دی ہےجسے تم جانتے نہیں تھے۔(۲۳۹) تم میں سے جو موت کے قریب ہوں اور اپنے پیچھے بیویوں کو چھوڑیں تو ان کے لیے یہ وصیت کر جائیں کہ ایک سال تک ان کی زندگی کے اخراجات ادا کئے جائیں اور انہیں گھر سے نہ نکالیں لیکن اگر وہ خود گھر سے چلی جائیں اور اپنے لیے مناسب فیصلہ کرلیں تو تم پر کوئی گناہ نہیں، اللہ عزیز و حکیم ہے۔(۲۴۰) جن عورتوں کو طلاق دی گئی ہے تو ان کے لیے مناسب ہدیہ دینا تقویٰ اپنانے والوں کے لیے بہتر ہے۔(۲۴۱) اللہ اس طرح اپنی آیات کو تمہارے لیے بیان کرتا ہے تاکہ تم اس بارے غور و فکر کرو۔(۲۴۲) کیا تم نے یہ نہیں دیکھا کہ بنی اسرائیل کا ایک گروہ ایسا تھا جس نے موت کے خوف سے (طاعون کا بہانہ بناکر) میدان جہاد میں شرکت کرنے سے انکار کردیا اور اپنے گھروں میں ٹھہر گئے جبکہ وہ ہزاروں کی تعداد میں تھے تو اللہ نے ان کے لیے یہ کہا: تم سب مرجاؤ، پھر اللہ نے انہیں زندہ کیا، بلاشک اللہ اپنے بندوں پر احسان کرتا ہے مگر زیادہ تر لوگ شکرگزار نہیں۔(۲۴۳) اللہ کی راہ میں جنگ کرو اور یہ جان لو کہ اللہ سننے اور جاننے والا ہے۔(۲۴۴) کون ہے جو اللہ کو قرض حسنہ دیتا ہے تاکہ اللہ اسے چند برابر بنا کر پلٹا دے، اللہ ہی بندوں کی روزی کو تنگ یا وسیع قرار دیتا ہے، آخر کار سب ہی اسی کی طرف پلٹائے جاؤ گے۔(۲۴۵)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۳۸:

نماز وسطیٰ کے بارے میں چند اقوال ہیں لیکن آیت کے شان نزول کے لحاظ سے کہ کچھ لوگ گرمی کے موسم میں شدید گرمی کی وجہ سے نماز ظہر میں شرکت نہ کرتے تھے نیز احادیث اور تفاسیر کی روشنی میں اس سے نماز ظہر مراد ہے۔ نماز کی حفاظت کا معنی نماز کے احکام سے آگہی، نماز کے اوقات سے باخبر رہنا، نماز کے آداب کا خیال رکھنا، نماز ادا کرتے وقت پوری توجہ نماز پر دینا اور نماز و عبادات کے مراکز کی حفاظت کرنا ہے۔ حدیث میں ہے: نماز ایک گروہ سے کہے گی: تم نے مجھے ضائع کیا، اللہ تمہیں ضائع کرے، ایک گروہ سے کہے گی: تم نے میری حفاظت کی ہے، اللہ تمہاری حفاظت کرے۔ نماز باقاعدگی کے ساتھ ہمیشہ قائم کرنے کا حکم ہے (حٰافِظُوۡا)۔ جہاں پر سہل انگاری اور غفلت میں پڑ جانے کا خطرہ ہو تو وہاں زیادہ خبردار کرنے کی ضرورت ہے، اس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے(وَ الصَّلٰوۃِ الۡوُسۡطٰی)۔ نماز پوری توجہ، چستی اور معرفت و اخلاص کے سے قائم کی جائے (قُوۡمُوۡا لِلّٰہِ قٰانِتِیۡنَ)۔ انسانوں کو اللہ تعالیٰ کی دیگر مخلوقات سے مختلف نہیں ہونا چاہیے، قرآن مجید کائنات کی اشیاء کے بارے میں فرماتا ہے (کُلٌّ لَّہٗ قٰنِتُوۡنَ)’’روم، ۲۶‘‘ اگر ہم قانت، خاضع اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے والے نہ ہوں تو ہم کائنات سے ہم آہنگ نہیں (قُوۡمُوۡا لِلّٰہِ قٰانِتِیۡنَ)۔ نماز کی قدر و شان اس میں ہے کہ خضوع و خشوع کے ساتھ ہو (قٰانِتِیۡنَ)۔

آیت ۲۳۹:

قرآن مجید میں بعض دفعہ (الصَّلٰوۃ) کی جگہ ’’ذکر‘‘ کی تعبیر استعمال ہوئی ہے جیسے نماز جمعہ کے متعلق ارشاد ہے: (فَاسۡعَوۡا اِلٰی ذِکۡرِ اللّٰہِ)’’جمعہ،۹‘‘ اللہ کے ذکر کی طرف تیزی سے جاؤ۔ اس آیت میں ذکر سے نماز جمعہ مراد ہے۔ (فَاذۡکُرُوا اللّٰہَ)اللہ کا ذکر نماز ہے۔ جی ہاں! نماز کا فلسفہ اور نماز کی روح اللہ تعالیٰ کا ذکر ہے۔ اس آیت میں نماز خوف کا طریقہ بیان ہوا ہے جو حالت جنگ میں پڑھی جاتی ہے۔ فقہ میں اس کے لیے خاص احکام ہیں جن کے تحت نماز خوف ادا کی جائے گی۔ نماز کسی بھی حالت میں معاف نہیں ہوتی (فَاِنۡ خِفۡتُمۡ فَرِجَالًا اَوۡ رُکۡبَانًا)۔ اسلامی احکام پر عمل کرنے میں عسر و حرج نہیں ہے۔جب انسان ٹھہرنے پر قادر نہ ہو اور بدن کو ساکن نہ رکھ سکے یا قبلہ کی جانب رخ کرنا ممکن نہ ہو تو جس طرح ممکن ہو ویسے نماز ادا کی جائے گی۔ نماز کی شرائط، حالات کے تحت تبدیل ہوجائیں گی (فَرِجَالًا اَوۡ رُکۡبَانًا)۔ نماز نعمت کا شکر ہے (فَاذۡکُرُوا اللّٰہَ کَمَا عَلَّمَکُمۡ)۔ انسان کچھ مسائل کو تو جانتا ہے اور کچھ نہیں جانتا اور خود جان بھی نہیں سکتا مگر یہ کہ وہ مسائل وحی کے ذریعہ اسے تعلیم دئے جائیں (مَّا لَمۡ تَکُوۡنُوۡا تَعۡلَمُوۡنَ)جو تم نہیں جان سکتے تھے اللہ نے ان کی تعلیم دی، یہ نہیں کہا (لا تعلمون) تم نہیں جانتے تھے۔

آیت ۲۴۰:

کچھ مفسرین کا خیال ہے کہ اس آیت کو عدت کی آیت سورہ بقرہ، ۲۳۴ اور آیت ارث سے پہلے ہونا چاہیے تھا۔ ان آیات کے نزول سے یہ آیت نسخ ہوگئی ہے اور اس پر عمل کرنے کی تاریخ ختم ہو چکی۔ لیکن کچھ کا خیال ہے کہ عدت اور ارث کی آیات میں گھر میں رہنے کی واجب مقدار بیان ہوئی ہے جبکہ اس آیت میں بیان شدہ حکم مستحب عمل کے عنوان سے لے سکتے ہیں اس معنی میں کہ اگر بیوہ عورت اپنے متوفی شوہر کے احترام میں اس کی وفات کے ایک سال بعد تک گھر میں رہنا چاہے تو شوہر پر ہے کہ وہ اس کے لیے ایک سال کے اخراجات کے لیے اپنے ایک تہائی مال سے وصیت کرے۔ یہ کام بیوی کے احترام میں ہو جیسا کہ اس کا ارادہ ہے۔ مردوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مال سے بیویوں کے لیے کچھ وصیت کرجائیں (وَ الَّذِیۡنَ یُتَوَفَّوۡنَ ۔۔۔ وَصِیَّۃً لِّاَزۡوَاجِہِمۡ )۔ بیوہ عورتوں کا مستقبل محفوظ بنایا جائے (مَتَاعًا اِلَی الۡحَوۡلِ)۔ عورت جب دوسرے شوہر کا انتخاب کرنے کا ارادہ کرلے تو عاقلانہ اور جائز طریقہ سے ہو اور اپنے مفاد کو دیکھ کر فیصلہ کرے (فَعَلۡنَ فِیۡۤ اَنۡفُسِہِنَّ مِنۡ مَّعۡرُوۡفٍ)۔ الٰہی قوانین حکمت کی بنیاد پر وضع ہوئے ہیں (عَزِیۡزٌ حَکِیۡمٌ)۔

آیات ۲۴۱۔۲۴۲:

یہ آیت یا تو ان کے متعلق ہے جن کے بارے عقد نکاح کے ضمن میں حق مہر کا تعیّن نہیں ہوا اور ہمبستری سے پہلے بیوی کو طلاق دے دی گئی یا اس میں ایک اخلاقی نکتہ بیان ہوا ہے جو وصیت اور طلاق کے تمام موارد کو شامل ہے کہ بیوی کو حق مہر کے علاوہ بھی کچھ دیا جائے تاکہ اس طرح طلاق یافتہ عورت کی دل جوئی ہوجائے۔ طلاق یافتہ عورتوں کے ساتھ رویہ میں تقویٰ لازم ہے (لِلۡمُطَلَّقٰتِ۔۔۔حَقًّا عَلَی الۡمُتَّقِیۡنَ)۔ ہدیہ دینے سے دل سے کدورت ختم ہوتی ہے اور دلجوئی بھی ہوتی ہے، یہ تقویٰ اپنانے والوں کی نشانی ہے (مَتَاعٌۢ بِالۡمَعۡرُوۡفِ ؕ حَقًّا عَلَی الۡمُتَّقِیۡنَ)۔

آیت ۲۴۳:

اس آیت کے شان نزول میں آیا ہے کہ شام کے ایک شہر میں طاعون کی بیماری پھیلی تو جو لوگ شہر سے نکل سکتے تھے وہ شہر سے نکل گئے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اسی بیماری سے مار دیا۔ احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ بیماری انہیں سزا کے طور پر لاحق ہوئی تھی۔ کیونکہ جب ان کے رہبر نے ان سے یہ چاہا کہ وہ جہاد کے لیے شہر سے نکلیں تو انہوں نے انکار کردیا اور کہا کہ جنگی علاقہ میں طاعون کی بیماری آئی ہوئی ہے۔ اس طرح وہ میدان جنگ میں نہ گئے۔ انہوں نے جس بیماری کا بہانہ بنا کر جنگ کے میدان میں جانے سے انکار کیا تھا وہی بیماری ان کے شہر میں ڈال دی۔ حزقیل نبی جو بنی اسرائیل کے انبیاء سے تھے جب اس جگہ سے گزرے تو اللہ تعالیٰ سے درخواست کی کہ ان کو زندہ کردے۔ اللہ تعالیٰ نے حزقیل کی دعا کو قبول کرلیا۔ وہ سب زندہ ہوگئے اور اپنی معمول کی زندگی گزارنے لگے۔ شیعہ کا عقیدہ ہے کہ اللہ تعالٰی قیامت سے پہلے کچھ افراد اور کچھ گروہوں کو زندہ کرے گا جسے عقیدہ رجعت کہا جاتا ہے۔ اس بارے سینکڑوں احادیث وارد ہوئی ہیں۔ یہ آیت بھی بیان کررہی ہے کہ قیامت سے پہلے مرے ہوئے لوگوں کا دوبارہ زندہ ہونا ممکن ہے۔ تاریخ کے بیان میں جو بات اہم ہے وہ کسی بھی قوم کے عروج و زوال کے اسباب ہیں، افراد، قبائل اور علاقوں کے نام اہم نہیں ہیں (الَذِیۡنَ خَرَجُوۡا مِنۡ دِیَارِہِمۡ)۔ اگر اللہ تعالٰی کسی کو مارنے کا ارادہ کرے تو پھر فرار کام نہیں آتا (فَقَالَ لَہُمُ اللّٰہُ مُوۡتُوۡا)۔ اللہ تعالیٰ نے اسی دنیا میں مردے کو زندہ کیا ہے (ثُمَّ اَحۡیَاہُمۡ)۔

آیت ۲۴۴:

سابقہ آیت میں ہم نے پڑھا کہ جنگ سے فرار کارساز نہیں۔ اللہ تعالیٰ کا غضب ہزاروں فراریوں کو آلے گا اور انہیں نابود کردے گا۔ یہ آیت کہہ رہی ہے کہ جب موت و حیات اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے تو پھر اللہ تعالیٰ کے راستہ میں جنگ کرو اور یہ جان لو کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں تمہارے لیے اجر و ثواب محفوظ ہے۔ جہاد اور دشمن کا مقابلہ اس وقت اہمیت رکھتا ہےاور قابل قدر ہے جب اللہ تعالیٰ کے لیے ہو اور اللہ کے راستہ میں ہو۔ ذاتی انتقام، قدرت نمائی، استحصال اور ملکوں پر قبضہ کرنے کے لیے نہ ہو۔ اگر جنگ ان چیزوں کے لیے ہو تو بے حیثیت ہے (قَاتِلُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ اس امر پر توجہ کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دیکھ رہا ہے اور ہمارے اعمال سے آگاہ ہے، میدان جہاد میں جانے کے لیے مضبوط ترین وسیلہ ہے (سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۴۵:

قرآن مجید میں سات بار اللہ تعالٰی کو قرض دینے کا ذکر ہوا ہے۔تفسیر مجمع البیان میں قرض الحسنہ کی درج ذیل شرائط بیان ہوئی ہیں: ۱۔قرض الحسنہ حلال مال سے ہو۔ ۲، صحیح و سالم مال سے ہو، ناقص اور عیب دار نہ ہو۔ ۳۔ ضروری اخراجات کے لیے ہو۔۴۔ احسان جتائے بغیر ہو۔ ۵۔ ریاکاری نہ ہو۔ ۶۔ مخفیانہ ہو اور رازداری سے قرض دیا جائے۔ ۷۔ ایثار اور پیار و عشق کے جذبہ سے سرشار ہو کر دیا جائے۔ ۸۔قرضہ مانگنے پر فوراً دیا جائے۔ ۹۔قرض دینے والا اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائے کہ اس نے اسے یہ توفیق دی ہے۔ ۱۰۔ قرض لینے والے کی آبرو محفوظ رہے۔ اللہ تعالیٰ کو قرض الحسنہ دینے کی بات سے معلوم ہوا کہ قرض الحسنہ کا ثواب اللہ تعالیٰ پر ہے۔صدقہ کا ثواب ایک درجہ ہے جبکہ قرض الحسنہ کا ثواب ۱۸ برابر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں کہا کہ تم لوگوں کو قرض الحسنہ دو بلکہ یہ کہا کہ اللہ کو قرض دو تاکہ فقراء کو احساس ہو کہ اللہ تعالیٰ نےان کی جگہ خود کو قرار دیا ہے تاکہ فقراء ذلت محسوس نہ کریں۔ ہمارا وجود اور جو کچھ ہمارے پاس ہے سب اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا ہے۔اس کے باوجود اللہ تعالیٰ کبھی تو خود کو انسان کی جانوں کا خریدار کہتا ہےاور کبھی لوگوں سے قرضہ لینے والا بن جاتا ہے۔ حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا: آسمانوں اور زمین کے سارے لشکر اللہ تعالیٰ کے ہیں، لہذا قرض الحسنہ سے متعلق آیت تمہاری آزمائش کے لیے ہے۔ احادیث میں ہے کہ جو شخص کھلے ہاتھ سے لوگوں کو عطا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی روزی میں وسعت دیتا ہے اور جو لوگوں سے بخل کرے اللہ تعالیٰ اس کے رزق کو تنگ کردیتا ہے۔ لوگوں کو نیک کاموں کی ترغیب دیناضروری ہے (فَیُضٰعِفَہٗ لَہٗۤ اَضۡعَافًا کَثِیۡرَۃً)۔ اگر ہم یہ جانیں کہ تنگ دستی اور کشائش اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے تو پھر بڑے آرام سے انفاق کریں گے اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے میں بخل نہ کریں گے (وَ اللّٰہُ یَقۡبِضُ وَ یَبۡصُۜطُ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 246 تا 248
أَلَمۡ تَرَ إِلَى ٱلۡمَلَإِ مِنۢ بَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ مِنۢ بَعۡدِ مُوسَىٰٓ إِذۡ قَالُواْ لِنَبِيّٖ لَّهُمُ ٱبۡعَثۡ لَنَا مَلِكٗا نُّقَٰتِلۡ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِۖ قَالَ هَلۡ عَسَيۡتُمۡ إِن كُتِبَ عَلَيۡكُمُ ٱلۡقِتَالُ أَلَّا تُقَٰتِلُواْۖ قَالُواْ وَمَا لَنَآ أَلَّا نُقَٰتِلَ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ وَقَدۡ أُخۡرِجۡنَا مِن دِيَٰرِنَا وَأَبۡنَآئِنَاۖ فَلَمَّا كُتِبَ عَلَيۡهِمُ ٱلۡقِتَالُ تَوَلَّوۡاْ إِلَّا قَلِيلٗا مِّنۡهُمۡۚ وَٱللَّهُ عَلِيمُۢ بِٱلظَّٰلِمِينَ ٢٤٦ وَقَالَ لَهُمۡ نَبِيُّهُمۡ إِنَّ ٱللَّهَ قَدۡ بَعَثَ لَكُمۡ طَالُوتَ مَلِكٗاۚ قَالُوٓاْ أَنَّىٰ يَكُونُ لَهُ ٱلۡمُلۡكُ عَلَيۡنَا وَنَحۡنُ أَحَقُّ بِٱلۡمُلۡكِ مِنۡهُ وَلَمۡ يُؤۡتَ سَعَةٗ مِّنَ ٱلۡمَالِۚ قَالَ إِنَّ ٱللَّهَ ٱصۡطَفَىٰهُ عَلَيۡكُمۡ وَزَادَهُۥ بَسۡطَةٗ فِي ٱلۡعِلۡمِ وَٱلۡجِسۡمِۖ وَٱللَّهُ يُؤۡتِي مُلۡكَهُۥ مَن يَشَآءُۚ وَٱللَّهُ وَٰسِعٌ عَلِيمٞ ٢٤٧ وَقَالَ لَهُمۡ نَبِيُّهُمۡ إِنَّ ءَايَةَ مُلۡكِهِۦٓ أَن يَأۡتِيَكُمُ ٱلتَّابُوتُ فِيهِ سَكِينَةٞ مِّن رَّبِّكُمۡ وَبَقِيَّةٞ مِّمَّا تَرَكَ ءَالُ مُوسَىٰ وَءَالُ هَٰرُونَ تَحۡمِلُهُ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةُۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَأٓيَةٗ لَّكُمۡ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ ٢٤٨
ترجمہ
کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ بنی اسرائیل کے بڑوں نے موسیٰ کے بعد اپنے پیغمبر سے کہا: ہمارے لیے کمانڈر مقرر کرو تاکہ اس کی کمانڈ میں اللہ کی راہ میں جنگ کریں تو ان کے پیغمبر نے کہا: اگر تمہیں جنگ کا دستور دیا گیا تو ایسا تو نہ ہو گا کہ تم جہاد نہ کرو ؟ انہوں نے کہا: یہ کس طرح ممکن ہے کہ ہم اللہ کی راہ میں جنگ نہ کریں جبکہ ہم اپنے گھروں سے نکالے گئے ہیں، جب ان کے لیے جنگ کا حکم آگیا تو تھوڑی سی تعداد کے علاوہ سب نے نافرمانی کی اور اللہ ظالموں سے آگاہ ہے۔(۲۴۶) ان کے پیغمبر نے ان سے کہا: اللہ نے تمہارے لیے طالوت کو کمانڈر چن لیا ہے، انہوں نے کہا: وہ ہم پر کس طرح حکومت کرے گا جبکہ ہم اس سے زیادہ حکمرانی کے حقدار ہیں، اس کے پاس تو مال بھی زیادہ نہیں، ان کے پیغمبر نے کہا: اللہ نے اسے تمہارے اوپر چن لیا ہے، اس کی علمی اور جسمانی طاقت کو بڑھا دیا ہے اور اللہ جس کسی کو چاہے اپنی مملکت دیتا ہے، اللہ کا احسان وسیع ہے اور وہ (صلاحیتوں سے)آگاہ ہے۔(۲۴۷) اور ان کے پیغمبر نے ان سے کہا: اس کی حکومت کی نشانی یہ ہے کہ (عہد و پیمان کا حامل )تابوت تمہاری طرف آئے گا جس میں تمہارے پروردگار کی طرف سے تمہارے لیے سکون ہے اور آل موسیٰ اور آل ہارون جو کچھ وراثت سے یادگار چھوڑ گئے ہیں وہ اس میں ہے، یہ صندوق اس حال میں تمہارے پاس آئے گا کہ فرشتوں نے اسے اٹھایا ہوا ہوگا، اس میں تمہارے لیے بڑی واضح نشانی ہے اگر تم ایمان لانے والے ہو۔(۲۴۸)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۴۶:

(ملاء)اشرافیہ اور قوم کے بڑوں پر بولا جاتا ہے کہ ان کا اپنی قوم پر رعب و دبدبہ ہوتا ہے۔ بنی اسرائیل نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے بعد قانون شکنی کی اور وہ آرام پسند ہوگئے۔ جس کی وجہ سے ان پر ظالم حکمران مسلط ہوگئے اور وہ آزادی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے اور اپنی زمین بھی گنوا بیٹھے۔ انہوں نے سرکش اور ظالم حکمران سے نجات پانے کا فیصلہ کیا اور اس کے خلاف قیام کرنے کا ارادہ کرلیا اور اپنے پیغمبر اشموئیل سے درخواست کی کہ ان کے لیے ایک کمانڈر مقرر کرے تاکہ اس کی قیادت میں ظالم حکمران کے خلاف جنگ کرکے اس سے نجات حاصل کریں۔ ان تمام تر دعوؤں کے باوجود جب ان کے لیے کمانڈر کا انتخاب کرلیا گیا تو انہوں نے نافرمانی کی۔ان میں سے صرف چند افراد نے اس دستور پر عمل کیا۔ مسلمانوں پر ہے کہ وہ بنی اسرائیل کی تاریخ سے عبرت حاصل کریں( اَلَمۡ تَرَ اِلَی)۔ الٰہی رہبر کا نہ ہونا انتشار، تفرقہ، افراتفری، آورگی اورستم پذیری کا سبب بنتا ہے (مِنۡۢ بَعۡدِ مُوۡسٰی)۔ ضروری ہے کہ فوج کے کمانڈر کو آسمانی اور الٰہی رہبر منتخب کرے(ابۡعَثۡ لَنَا)لہذا دین سیاست سے جدا نہیں۔ جنگ میں کامیابی کے لیے ماہر اور لائق کمانڈر کی ضرورت ہے (ابۡعَثۡ لَنَا مَلِکًا)۔ ظالم حکمرانوں سے نجات پانے کے لیے انبیاء کی پناہ میں آئیں (قَالُوۡا لِنَبِیٍّ لَّہُمُ)۔ رہبر کو مستقبل شناس ہونا چاہیے، پیمان شکنی کا احتمال دے اور یہ احتمال بھی دے کہ لوگ نافرمانی کریں گے اور ذمہ داری سے فرار کریں گے(ہَلۡ عَسَیۡتُمۡ)۔ جہاد کا مقصد ظلم کا خاتمہ، وطن کا دفاع اور اللہ کی رضا ہونا چاہیے (وَ مَا لَنَاۤ اَلَّا نُقَاتِلَ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ وَ قَدۡ اُخۡرِجۡنَا مِنۡ دِیَارِنَا وَ اَبۡنَآئِنَا)۔ مشکلات بیداری کا سبب اور آزادی کے لیے کوشش کرنے کا سبب ہے (اُخۡرِجۡنَا)۔ جہاد کا میدان بڑے بڑے دعوے کرنے والوں کی پرکھ اور آزمائش گاہ ہے (تَوَلَّوۡا)۔ ’’خوش بود گر محک تجربہ آید بہ میدان۔۔۔تا سیہ روی شود ہر کہ در اوغش باشد‘‘۔ ’’کتنا اچھا ہو اگر تجربے کی کسوٹی میدانِ عمل میں آ جائے، تاکہ ہر وہ شخص ذلیل و رسوا ہو جائے جس کے اندر کھوٹ ہے‘‘ عہد و پیمان توڑنے والے اور اپنی بات پر عمل نہ کرنے والے ظالم ہیں (عَلِیۡمٌۢ بِالظّٰلِمِیۡنَ)۔ اللہ تعالیٰ آگاہ ہے تو پھر یہ ظاہر داری کس لیے؟! (وَ اللّٰہُ عَلِیۡمٌۢ)۔

آیت ۲۴۷:

’’واسع‘‘کا لفظ اس معنی میں ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسا بے نیاز ہے کہ وہ کسی قسم کی عطاء و بخشش سے عاجز نہیں۔ اگرچہ بنی اسرائیل نے اپنے پیغمبر سے جنگ کے لیے کمانڈر مانگا تھا (مَلِکًا نُّقَاتِلۡ فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ) لیکن جب کمانڈر مقرر ہوا تو انہوں نے بہانہ تراشا اور کہہ دیا کہ طالوت کو حکمرانی اور قیادت سے کیا سروکار؟ معلوم ہوتا ہے کہ عسکری کمانڈر بنانے کے علاوہ اسے سیاسی قیادت بھی دی گئی تھی۔ بنی اسرائیل نے ظالموں سے نجات پانے کے لیے فوج کا کمانڈر مانگا تھا لیکن جب طالوت کو فوجی قیادت کے علاوہ سیاسی قیادت بھی دی گئی جبکہ وہ فقیر اور گمنام چرواہا تھا تو انہوں نے کہا کہ یہ جوان کس طرح ہماری قیادت کر سکتا ہے جبکہ نہ تو وہ مشہور ہے اور نہ ہی اس کے پاس مال و دولت ہے۔ ہمارے پاس تو مال و ثروت بھی ہے اور ہم مشہور بھی ہیں اس لیے ہم اس سے زیادہ اس منصب کے حقدار ہیں۔ ان کے پیغمبر نے جب ان سے یہ سنا کہ وہ اسے اس وجہ سے نالائق سمجھ رہے ہیں کہ اس کے پاس مال نہیں اور وہ فقیر ہے تو اس نے جواب میں کہا کہ بلاشک اللہ تعالیٰ نے اسے تمہارے اوپر مقرر کیا ہے، یہ اللہ تعالیٰ کا انتخاب ہے۔ اس کے پاس ہنر،علم اور صلاحیت ہے اور وہ جسمانی طور پر مضبوط ہے اور جنگ کی کمانڈ کے لیے اس میں ضروری صلاحیت موجود ہے۔ پیغمبر وحی کی بنیاد پر اپنا جانشین مقرر کرتے ہیں ( اِنَّ اللّٰہَ قَدۡ بَعَثَ)۔ جس کو اللہ تعالیٰ رہبر بنا دے وہی لوگوں کے فائدے میں ہے (بَعَثَ لَکُمۡ)۔ اگر ظلم سے نجات پانا چاہتے ہو تو الٰہی رہبر کو قبول کرلو (اِنَّ اللّٰہَ قَدۡ بَعَثَ لَکُمۡ طَالُوۡتَ مَلِکًا)۔ دین سیاست سے جدا نہیں، انبیاء براہ راست عسکری و دفاعی امور میں دخالت کرتے تھے، فوج کا کمانڈر مقرر کرتے تھے اور اسےعزل بھی کرتے تھے (اِنَّ اللّٰہَ قَدۡ بَعَثَ لَکُمۡ)۔ گمنام اور فقیر و نادار افراد میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو فراموش نہ کرو (قَدۡ بَعَثَ لَکُمۡ)۔ حقیقی ایمان کی نشانی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے حکم کے سامنے تسلیم ہونا ہے، بنی اسرائیل ایک غلط سوچ کی بنا پر اپنے پیغمبر کے حکم کے سامنے تسلیم نہیں ہوئے (اَنّٰی یَکُوۡنُ لَہُ الۡمُلۡکُ عَلَیۡنَا)۔ الٰہی امتحانات سے ایک یہ ہےکہ الٰہی رہبر سے کس طرح کا رویہ اپنایاجاتاہے(قَالُوۡۤا اَنّٰی یَکُوۡنُ۔۔۔)۔ اپنے آپ کو دوسروں سے بہتر اور برتر سمجھنا ناپسندیدہ عمل ہے (نَحۡنُ اَحَقُّ بِالۡمُلۡکِ مِنۡہُ )، جیسا کہ شیطان نے کہا تھا ( اَنَا خَیْرٌ مِنۡہُ)’’اعراف، ۱۲‘‘۔ مال و دولت اور ظاہری شان و شوکت برتری کی علامت نہیں، اس آیت میں ان لوگوں پر تنقید کی گئی ہے جو مال و ثروت اور شہرت کو قیادت کا معیار قرار دیتے تھے (لَمۡ یُؤۡتَ سَعَۃً مِّنَ الۡمَالِ)۔ اللہ تعالیٰ کا انتخاب لیاقت اور صلاحیت کی بنیاد پر ہے، بے ہودہ اور بغیر سبب کے نہیں ہوتا (اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰىہُ عَلَیۡکُمۡ وَ زَادَہٗ بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ)۔ علمی صلاحیت اور جسمانی طاقت فوج کی کمانڈ کے لیے ضروری شرط ہے (بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ)۔ علمی قابلیت جسمانی طاقت سے زیادہ اہم ہے (زَادَہٗ بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ) میں پہلے ’’علم‘‘ کا لفظ آیا ہے پھر ’’جسم‘‘ کا لفظ آیا ہے۔ قائد پر لازم ہے کہ وہ اپنے ماتحت افراد کے لیے وضاحت کرے، ان کے ذہنوں میں موجود شبہات کو دور کرے، اپنے کام کی دلیل اور اپنے انتخاب کا سبب بیان کرے، مبہم امور کی وضاحت کردے، یہ نہ کہے کہ یہ میرا اختیار ہے، تمہیں سوال کرنے کا حق نہیں، جو میں چاہوں کروں، اس آیت میں طالوت کے انتخاب کی دلیل ان کی علمی صلاحیت اور جسمانی طاقت بیان ہوئی ہے(زَادَہٗ بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ)۔ نہ تو غربت اور گمنامی لطف الٰہی میں رکاوٹ ہے اور نہ ہی ثروت اور شہرت الٰہی لطف کا سبب ہے (وَ اللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔ اللہ تعالیٰ کے کاموں پر اعتراض کرنا لوگوں کی کم فکری اور محدود سوچ کا نتیجہ ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کا علم بے انتہا اور غیر محدود ہے (وَ اللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۴۸:

پیغمبر نے یہودیوں سے کہا کہ مقدس صندوق انہیں لوٹا دیا جائے گا تاکہ انہیں اطمینان ہوجائے کہ طالوت کا انتخاب صحیح ہے۔ اس صندوق کا نام صندوق عہد تھا جو ان کا پاس موجود تھا جسے وہ جنگوں میں آگے آگے لے کر چلتے تھے۔لیکن آہستہ آہستہ اس کا تقدس ختم ہوگیا اور وہ صندوق گم گیا۔ اللہ تعالیٰ نے طالوت کی حکمرانی میں فرشتوں کے ذریعہ اسے بنی اسرائیل میں واپس لوٹا دیا تاکہ انہیں اطمینان ہو اور وہ پرسکون رہیں۔ اس صندوق سے مراد لکڑی کا وہ صندوق تھا جس کے اندر مادر موسیٰ علیہ السلام نے انہیں رکھ کر دریا ئے نیل میں ڈالا تھا اور فرعون کے درباری انہیں دریا سے نکال کر صندوق کے ہمراہ فرعون کے دربار میں لے گئے تھے۔ یہ صندوق فرعون کے دربار میں موجود تھا۔ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام مقام نبوت پر فائز ہوئے تو تورایت کی الواح ’’تختیوں‘‘ کو اس میں رکھ دیا اور رحلت کے موقع پر اپنی زرہ اور دیگر اشیا کو اس کے اندر ڈال دیا اور اس صندوق کو اپنے وصی ’’یوشع بن نون‘‘کے سپرد کردیا تھا۔ انسان کو ہمیشہ سکون و آرام کی ضرورت ہے، خاص کر جب وہ میدان جنگ میں اترتا ہے (فِیۡہِ سَکِیۡنَۃٌ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ)۔ الٰہی رہبر کے پاس الٰہی نشانی کا ہونا ضروری ہے۔ طالوت کا انتخاب اللہ تعالیٰ کی طرف سے تھا، اس لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے اسے ایک نشانی دی گئی جس سے اس کے انتخاب کی تائید ہوئی(تَحۡمِلُہُ الۡمَلٰٓئِکَۃُ)۔ اگر وہ صندوق جو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے جسم اور تورات کی تختیوں سے چھونے کی وجہ سے مقدس اور تسکین بخش تھا تو پھر اولیاء الٰہی کی قبروں پر موجود صندوق کا مقدس اور تسکین بخش ہونا قرآنی تعلیمات کے خلاف نہیں ہے۔ کیونکہ ان مزارات میں موجود صندوقوں کے اندر ’’بقیہ مما ترک آل محمدﷺ‘‘ آل محمدﷺکی باقیات موجود ہیں(بَقِیَّۃٌ مِّمَّا تَرَکَ اٰلُ مُوۡسٰی وَ اٰلُ ہٰرُوۡنَ)۔ انبیاء کی نشانیوں کی حفاظت قابل قدر اور اہم کام ہے جو دلوں کو سکون بخشنے کا سبب ہے (بَقِیَّۃٌ مِّمَّا تَرَکَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 2
آیت 249 تا 252
فَلَمَّا فَصَلَ طَالُوتُ بِٱلۡجُنُودِ قَالَ إِنَّ ٱللَّهَ مُبۡتَلِيكُم بِنَهَرٖ فَمَن شَرِبَ مِنۡهُ فَلَيۡسَ مِنِّي وَمَن لَّمۡ يَطۡعَمۡهُ فَإِنَّهُۥ مِنِّيٓ إِلَّا مَنِ ٱغۡتَرَفَ غُرۡفَةَۢ بِيَدِهِۦۚ فَشَرِبُواْ مِنۡهُ إِلَّا قَلِيلٗا مِّنۡهُمۡۚ فَلَمَّا جَاوَزَهُۥ هُوَ وَٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ مَعَهُۥ قَالُواْ لَا طَاقَةَ لَنَا ٱلۡيَوۡمَ بِجَالُوتَ وَجُنُودِهِۦۚ قَالَ ٱلَّذِينَ يَظُنُّونَ أَنَّهُم مُّلَٰقُواْ ٱللَّهِ كَم مِّن فِئَةٖ قَلِيلَةٍ غَلَبَتۡ فِئَةٗ كَثِيرَةَۢ بِإِذۡنِ ٱللَّهِۗ وَٱللَّهُ مَعَ ٱلصَّٰبِرِينَ ٢٤٩ وَلَمَّا بَرَزُواْ لِجَالُوتَ وَجُنُودِهِۦ قَالُواْ رَبَّنَآ أَفۡرِغۡ عَلَيۡنَا صَبۡرٗا وَثَبِّتۡ أَقۡدَامَنَا وَٱنصُرۡنَا عَلَى ٱلۡقَوۡمِ ٱلۡكَٰفِرِينَ ٢٥٠ فَهَزَمُوهُم بِإِذۡنِ ٱللَّهِ وَقَتَلَ دَاوُۥدُ جَالُوتَ وَءَاتَىٰهُ ٱللَّهُ ٱلۡمُلۡكَ وَٱلۡحِكۡمَةَ وَعَلَّمَهُۥ مِمَّا يَشَآءُۗ وَلَوۡلَا دَفۡعُ ٱللَّهِ ٱلنَّاسَ بَعۡضَهُم بِبَعۡضٖ لَّفَسَدَتِ ٱلۡأَرۡضُ وَلَٰكِنَّ ٱللَّهَ ذُو فَضۡلٍ عَلَى ٱلۡعَٰلَمِينَ ٢٥١ تِلۡكَ ءَايَٰتُ ٱللَّهِ نَتۡلُوهَا عَلَيۡكَ بِٱلۡحَقِّۚ وَإِنَّكَ لَمِنَ ٱلۡمُرۡسَلِينَ ٢٥٢
ترجمہ
پھر جب طالوت اپنے فوجیوں کو باہر لے گیاتو ان سے کہا: اللہ پانی کی ایک ندی سے تمہارا امتحان لے گا، لہذا جو بھی اس پانی سے پیئے گا تو وہ مجھ سے نہیں ہو گا اور جس نے اس ندی سے نہ پیا تو وہ میرا ساتھی ہے مگر یہ کہ ایک چلو پانی لے اور اسے پی لے، پھر (جب وہ فوج اس ندی پر پہنچ گئی تو) سوائے تھوڑے سے افراد کے سب نے اس سے پانی پی لیا، پھر جس وقت طالوت اور اس کے با ایمان ساتھی اس ندی سے گزر گئے تو (دشمن کی کثرت اور اپنی کم تعداد دیکھ کر گھبرا گئے اور) کہا: آج ہم میں جالوت اور اس کی فوج کا مقابلہ کرنے کی توانائی نہیں ہےلیکن جن کا اللہ کی ملاقات پر یقین تھا انہوں نے کہا کہ کتنا ایسا ہوتا ہے کہ اللہ کی اجازت سے تھوڑا(چھوٹا) سا گروہ بڑے گروہ پر غالب آتا ہے، اللہ صبر کرنے والوں اور استقامت دیکھانے والوں کے ساتھ ہے۔(۲۴۹) جب وہ جالوت اور اس کی فوج کے سامنے آکھڑے ہوئے تو انہوں نے کہا: اے ہمارے رب! ہمیں صبر سے لبریز فرما اور ہمارے قدموں کو ثابت قدم رکھ اور ہمیں کافروں کی جماعت پر غلبہ دے۔(۲۵۰) پھر انہوں نے اللہ کے اذن سے دشمن کی فوج کو شکست دے دی اور داود نے جالوت کو قتل کردیا ،اللہ نے داود کو حکومت اور حکمت دی اور جو کچھ چاہا اسے تعلیم دیا اور اگر اللہ لوگوں سے بعض کو بعض دوسروں کے ذریعہ دور نہ کرے تو حتمی طور پر زمین کو فساد گھیرے میں لے لے لیکن اللہ عالمین پر کرم کرنے والا ہے۔(۲۵۱) یہ سب اللہ کی آیات ہیں جنہیں ہم حق کی بنیاد پر تیرے اوپر تلاوت کرتے ہیں، یقیناً آپ رسولوں میں سے ہیں۔(۲۵۲)۔
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۴۹:

اس آیت میں بنی اسرائیل کے ایک بڑے گروہ کی خبر دی گئی ہے جو پانی نہ پینے اور پیاس کو برداشت کرنے کے امتحان میں کامیاب نہیں ہوئے۔ لیکن اس باقی ماندہ گروہ کا ایک اور امتحان تھا جو کہ روحانی اور معنوی امتحان تھا اور وہ یہ کہ جب انہوں نے جالوت کی کمانڈ میں بڑے لشکر کو دیکھا تو کہہ اٹھے کہ ہمارے سپاہیوں کی تعداد تو اتنی نہیں کہ اس بڑے لشکر کا مقابلہ کرسکیں، ہماری تعداد تھوڑی ہے۔ لیکن ان میں سے جن کا اللہ اور روز قیامت پر پختہ ایمان تھا انہوں نے کہا کہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے کیونکہ بعض دفعہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے اذن سے تھوڑی تعداد زیادہ تعداد پر غالب آجاتی ہے۔ بعض دفعہ کامیابی کے لیے صرف ایک امتحان میں سرخرو ہونا کافی نہیں ہوتا بلکہ چند مراحل میں کامیاب ہونا ضروری ہوتا ہے۔ بعض افراد کچھ امتحانات میں تو کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن بعد والے مرحلے میں شکست کھا جاتے ہیں۔ اس واقعہ میں بیان ہوا ہے کہ بنی اسرائیل کےایک گروہ نے الٰہی رہبر کی قیادت کو اس لیے قبول نہ کیا کہ وہ مالدار نہ تھا، ایک جماعت نے اسے قبول تو کیا لیکن پانی نہ پینے کے امتحان میں اس کی پیروی نہ کر کے شکست کھا لی اور ایک جماعت دشمن کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے گھبرا گئے اور شکست کھا گئے۔ امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: آخر تک طالوت کا ساتھ دینے والے لوگوں کی تعداد ۳۱۳ تھی۔ جن لوگوں کے پاس لوگوں کا مال یا سرکاری اموال آجاتے ہیں اور وہ زہد و کرامت اپناتے ہوئے ان اموال کو ناجائز طریقے سے جمع کرنے سے اجتناب کرتے ہیں، انہیں حرص اور لالچ آلودہ نہیں کرتا وہ (حزب اللہ) اللہ کی جماعت ہیں لیکن جو لوگ ناجائز طریقہ سے ان اموال کو اکھٹا کر کے اپنے دامن کو آلودہ کرتے ہیں وہ حقیقی مومن نہیں ہیں(فَمَنۡ شَرِبَ مِنۡہُ فَلَیۡسَ مِنِّیۡ ۚ وَ مَنۡ لَّمۡ یَطۡعَمۡہُ فَاِنَّہٗ مِنِّیۡۤ)۔ امتحان اور آزمائش کے راستوں میں سے ایک یہ ہے کہ بعض دفعہ انسان کو وقتی اور عارضی چیزوں سے روکا جاتا ہے، لہذا آرام طلبی اور دباؤ، سختیوں اور مشکلات کو برداشت نہ کرنا اور گھبرا جانا مسلح جدوجہد سے مطابقت نہیں رکھتا (اِنَّ اللّٰہَ مُبۡتَلِیۡکُمۡ بِنَہَرٍ)۔ دشمن سے مقابلہ کرنے کے لیے میدان میں اترنے سے پہلے پریکٹس اور مشق کرنا ضروری ہے (مُبۡتَلِیۡکُمۡ بِنَہَرٍ)۔ کمانڈر کے آگے تسلیم ہونا کامیابی کا زینہ ہے (مَنۡ لَّمۡ یَطۡعَمۡہُ فَاِنَّہٗ مِنِّیۡۤ)۔ ضروریات زندگی کا معاملہ، عیش و آرام کے وسائل سے الگ ہے(اِلَّا مَنِ اغۡتَرَفَ غُرۡفَۃًۢ بِیَدِہٖ)۔ امتحان کے میدان سے کامیاب ہوکر باہر نکلنے والوں کی تعداد بہت کم ہوتی ہے (اِلَّا قَلِیۡلًا مِّنۡہُمۡ)۔ انقلابی ہونا اتنا اہم نہیں جتنا انقلابی باقی رہنا اہم ہے، اس ماجرا میں نعرہ لگانے والے بہت تھے لیکن جو امتحانات میں کامیاب ہوئے وہ تھوڑے تھے (مُلٰقُوا اللّٰہِ)۔ معاد پر ایمان اور الٰہی وعدوں کے پورا ہونے پر یقین، سختیوں اور مشکلات میں قیام کرنے کا محرک بنتا ہے (مُلٰقُوا اللّٰہِ)۔ ایمان کے درجات ہیں۔ اگرچہ طالوت کے ہمراہ لوگوں کی ایک جماعت ایسی تھی جو طالوت پر ایمان رکھتے تھے اور وہ پانی نہ پینے کے امتحان میں بھی کامیاب ہوئے (اٰمَنُوۡا مَعَہٗ)لیکن ہر مومن مجاہد نہیں ہوتا، صرف وہ مومنین مجاہد ہوتے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی ملاقات پر یقین رکھتے ہیں (یَظُنُّوۡنَ اَنَّہُمۡ مُّلٰقُوا اللّٰہِ)۔ اللہ تعالیٰ کے ارادہ کے سامنے دشمن کے لشکر کی تعداد اور اس کا جنگی سازو سامان کی کوئی حیثیت نہیں (کَمۡ مِّنۡ فِئَۃٍ قَلِیۡلَۃٍ غَلَبَتۡ فِئَۃً کَثِیۡرَۃًۢ بِاِذۡنِ اللّٰہِ۔۔۔)۔ مخلص مومن کامیانی کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے جانتا ہے (بِاِذۡنِ اللّٰہِ)۔ اگر مسلمان صابر اور استقامت کرنے والے ہوں تو انہیں دشمن کے لشکر کی تعداد سے نہیں گھبرانا چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ صابروں کے ساتھ ہے (وَ اللّٰہُ مَعَ الصّٰبِرِیۡنَ)۔

آیت ۲۵۰:

ہر حالت میں خاص کر جنگ کے محاذ پر جدوجہد کے ساتھ ساتھ دعا بھی ضروری ہے لیکن جدوجہد کے بغیر دعا کا کوئی فائدہ نہیں (بَرَزُوۡا لِجَالُوۡتَ۔۔۔رَبَّنَاۤ اَفۡرِغۡ۔۔۔)۔ صبر اور کامیابی ایک دوسرے کے لازم و ملزوم ہیں، صبر کے نتیجہ میں فتح حاصل ہوتی ہے (صَبۡرًا ۔۔۔ وَ انۡصُرۡنَا)۔ اپنی دعاؤں کا آغاز (رَبَّنَاۤ )سے کرو (رَبَّنَاۤ اَفۡرِغۡ)۔ سختیوں اور مشکلات میں انسان کو صبر کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے (اَفۡرِغۡ)بہت زیادہ اتارنے کے معنی میں ہے، (صبر) کا لفظ نکرہ کی صورت میں آیا ہے جو کثرت (بہت زیادہ صبر) کے معنی میں ہے۔ امتحان کے میدان سے کامیاب ہو کر باہر نکلنا آپ کو مغرور نہ بنا دے، انسان کو کامیابی کے بعد بھی اللہ تعالیٰ سے دعا مانگنا چاہیے (ثَبِّتۡ اَقۡدَامَنَا)۔ انسان کی ذمہ داری تلاش و کوشش اور جدوجہد کرنا ہے، کامیابی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے (رَبَّنَاۤ ۔۔۔ انۡصُرۡنَا)۔ جنگ میں فتح حاصل کرنا اس وقت قابل قدر ہے جب مجاہدین کا مقصد حق کو باطل پر غلبہ دینا ہو نہ کہ ایک گروہ کا دوسرے گروہ پر غلبہ پانا (انۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔

آیت ۲۵۱:

احادیث میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ ایک نیک و صالح مسلمان کی وجہ سے اس کے ہمسایوں سے ایک لاکھ گھروں سے مصیبت کو ٹال دیتا ہے۔پھر آنحضرتﷺ نے اس آیت کی تلاوت فرمائی (وَ لَوۡ لَا دَفۡعُ اللّٰہِ النَّاسَ۔۔۔)۔ گذشتہ آیات پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ کامیابی کے درج ذیل اسباب ہیں: باصلاحیت اور توانا رہبر اور کمانڈر(وَ زَادَہٗ بَسۡطَۃً فِی الۡعِلۡمِ وَ الۡجِسۡمِ)۔ با ایمان پیروکار(قَالَ الَّذِیۡنَ یَظُنُّوۡنَ اَنَّہُمۡ مُّلٰقُوا اللّٰہِ)۔ اللہ تعالیٰ پر توکل اور اسی پر بھروسہ(کَمۡ مِّنۡ فِئَۃٍ قَلِیۡلَۃٍ غَلَبَتۡ فِئَۃً کَثِیۡرَۃًۢ بِاِذۡنِ اللّٰہِ)۔ صبر اور ثابت قدمی (رَبَّنَاۤ اَفۡرِغۡ عَلَیۡنَا صَبۡرًا وَّ ثَبِّتۡ اَقۡدَامَنَا)۔ اللہ تعالیٰ کی رضا مطلوب ہو (انۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔ اگرچہ انہوں نے سعی وکوشش، محنت اور جدوجہد کی تھی لیکن ان کی کامیانی اور دشمن کی شکست اللہ تعالیٰ کی جانب سے تھی(فَہَزَمُوۡہُمۡ بِاِذۡنِ اللّٰہِ)۔ مجاہدین کی خالصانہ دعائیں قبول ہوتی ہیں (وَ انۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ۔۔۔ فَہَزَمُوۡہُمۡ بِاِذۡنِ اللّٰہِ)۔ جب تک قابلیت، آمادگی اور درخشاں ماضی نہ ہو تو خاص الٰہی لطف و مہربانی نہیں ملتی (وَ قَتَلَ دَاوٗدُ جَالُوۡتَ وَ اٰتٰىہُ اللّٰہُ الۡمُلۡکَ وَ الۡحِکۡمَۃَ)۔ جنگ کے محاذ میں بندوق کا نشانہ دشمن کے کمانڈر کی جانب باندھا جائے (وَ قَتَلَ دَاوٗدُ جَالُوۡتَ) کیونکہ کمانڈر کی شکست سے پوری فوج ڈھیر ہوجاتی ہے۔ میدانِ جنگ میں بہادری کے کارنامے دکھانے والے لوگوں کی یاد کو زندہ رکھا جائے(قَتَلَ دَاوٗدُ)۔ کافر لشکرکے رہبر کی ہلاکت اس کی پوری فوج کے تتر بتر ہونے کا سبب بنتی ہے (فَہَزَمُوۡہُمۡ۔۔۔قَتَلَ دَاوٗدُ جَالُوۡتَ)۔ زیادتی کرنے والے ظالم کو ظلم کرنے سے نہ روکا گیا تو پوری زمین میں فساد پھیل جائے (وَ لَوۡ لَا دَفۡعُ اللّٰہِ النَّاسَ۔۔۔لَفَسَدَتِ الۡاَرۡضُ)۔ فسادیوں کے خلاف جنگ ایک ضرورت ہے، اگر نقصان دہ عنصر کو نکال باہر نہ کیا جائے تو وہ دوسرے عناصر کو بھی نقصان پہنچائے گا (وَ لَوۡ لَا دَفۡعُ اللّٰہِ النَّاسَ۔۔۔لَفَسَدَتِ الۡاَرۡضُ)۔ اللہ کا ارادہ اور اس کا فضل، قدرتی اسباب کے ذریعہ پورا ہوتا ہے(دَفۡعُ اللّٰہِ۔۔۔بَعۡضَہُمۡ بِبَعۡضٍ)۔ جہاد اور ظالم کے مقابلے میں دفاع کا حکم الٰہی فضل ہے (اللّٰہَ ذُوۡ فَضۡلٍ عَلَی الۡعٰلَمِیۡنَ)۔

آیت ۲۵۲:

یہ آیت قرآن مجید کے دوسرے پارے کا اختتام ہے۔ جس میں گذشتہ آیات میں بیان شدہ حوادث اور داستانوں سے درس عبرت لینے کا تذکرہ ہوا ہے۔ ہزاروں لوگوں کا ایک لمحہ میں مرجانا اور پھر پیغمبر کی دعا سے ان سب کا ایک لمحہ میں زندہ ہوجانا، ایک غریب اور گمنام چرواہے کو اس کی علمی اور جسمانی صلاحیتوں کی وجہ سے قائد اور رہبر بنا دینا، میدان جنگ میں ایک نوجوان کی بہادری اور دشمن کے کمانڈر کو نشانہ بنانا اور اسے نبوت کا منصب دیا جانا یہ سب الٰہی آیات اور پیغمبر اسلامﷺ کی رسالت اور ان کی صداقت کے جلوے ہیں۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 253 تا 256
۞ تِلۡكَ ٱلرُّسُلُ فَضَّلۡنَا بَعۡضَهُمۡ عَلَىٰ بَعۡضٖۘ مِّنۡهُم مَّن كَلَّمَ ٱللَّهُۖ وَرَفَعَ بَعۡضَهُمۡ دَرَجَٰتٖۚ وَءَاتَيۡنَا عِيسَى ٱبۡنَ مَرۡيَمَ ٱلۡبَيِّنَٰتِ وَأَيَّدۡنَٰهُ بِرُوحِ ٱلۡقُدُسِۗ وَلَوۡ شَآءَ ٱللَّهُ مَا ٱقۡتَتَلَ ٱلَّذِينَ مِنۢ بَعۡدِهِم مِّنۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡهُمُ ٱلۡبَيِّنَٰتُ وَلَٰكِنِ ٱخۡتَلَفُواْ فَمِنۡهُم مَّنۡ ءَامَنَ وَمِنۡهُم مَّن كَفَرَۚ وَلَوۡ شَآءَ ٱللَّهُ مَا ٱقۡتَتَلُواْ وَلَٰكِنَّ ٱللَّهَ يَفۡعَلُ مَا يُرِيدُ ٢٥٣ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ أَنفِقُواْ مِمَّا رَزَقۡنَٰكُم مِّن قَبۡلِ أَن يَأۡتِيَ يَوۡمٞ لَّا بَيۡعٞ فِيهِ وَلَا خُلَّةٞ وَلَا شَفَٰعَةٞۗ وَٱلۡكَٰفِرُونَ هُمُ ٱلظَّٰلِمُونَ ٢٥٤ ٱللَّهُ لَآ إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ٱلۡحَيُّ ٱلۡقَيُّومُۚ لَا تَأۡخُذُهُۥ سِنَةٞ وَلَا نَوۡمٞۚ لَّهُۥ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَمَا فِي ٱلۡأَرۡضِۗ مَن ذَا ٱلَّذِي يَشۡفَعُ عِندَهُۥٓ إِلَّا بِإِذۡنِهِۦۚ يَعۡلَمُ مَا بَيۡنَ أَيۡدِيهِمۡ وَمَا خَلۡفَهُمۡۖ وَلَا يُحِيطُونَ بِشَيۡءٖ مِّنۡ عِلۡمِهِۦٓ إِلَّا بِمَا شَآءَۚ وَسِعَ كُرۡسِيُّهُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضَۖ وَلَا يَـُٔودُهُۥ حِفۡظُهُمَاۚ وَهُوَ ٱلۡعَلِيُّ ٱلۡعَظِيمُ ٢٥٥ لَآ إِكۡرَاهَ فِي ٱلدِّينِۖ قَد تَّبَيَّنَ ٱلرُّشۡدُ مِنَ ٱلۡغَيِّۚ فَمَن يَكۡفُرۡ بِٱلطَّٰغُوتِ وَيُؤۡمِنۢ بِٱللَّهِ فَقَدِ ٱسۡتَمۡسَكَ بِٱلۡعُرۡوَةِ ٱلۡوُثۡقَىٰ لَا ٱنفِصَامَ لَهَاۗ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ ٢٥٦
ترجمہ
ہم نے کچھ پیغمبروں کو بعض دوسرے پیغمبروں پر برتری دی ہے، اللہ نے ان میں سے بعض کے ساتھ گفتگو کی اور ان سے کچھ کے درجات کو بلند کردیا، ہم نے عیسیٰ بن مریم کو واضح نشانیاں دیں اور ہم نے روح القدس کے وسیلہ سے ان کی تائید کی اور اگر اللہ کی مرضی ہوتی ان پیغمبروں کی امت ان کے بعد آپس میں جنگ نہ کرتے جبکہ ان کے لیے واضح و روشن نشانیاں آچکی تھیں لیکن انہوں نے آپس میں اختلاف کیا پھر ان سے کچھ تو ایمان لے آئے اور کچھ کافر ہوگئے، اگر اللہ چاہتا تو مومنین اور کافر آپس میں جنگ نہ کرتے مگر اللہ تو جو ارادہ کرتا ہے اسے انجام دیتا ہے۔(۲۵۳) اے وہ لوگ جو ایمان لے آئے ہو جو کچھ ہم نے تمہیں روزی دی ہے اس سے انفاق کرو، اس دن کے آنے سے پہلے ایسا کرلو کہ جس دن خرید و فروخت، دوستی اور سفارش نہ چلے گی اور کافر ہی ظالم ہیں۔(۲۵۴) اللہ کے سواء کوئی معبود نہیں، وہ زندہ و پائندہ ہے، اسے نہ تو اونگھ آتی ہے نہ ہی پوری نیند آتی ہے، جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے وہ سب اسی کا ہے، کون ہے جو اس کی اجازت کے بغیر اس کے حضور کسی کی سفارش کرے، وہ ماضی اور آئندہ کے سب حالات کو جانتا ہے، کوئی چیز بھی اس کے علم کا احاطہ نہیں کرتی مگر اتنی مقدار میں جس کا وہ ارادہ کرے، اس کے تخت (حکومتی) نے آسمانوں اور زمین کو گھیر رکھا ہے، ان سب کی دیکھ بھال اور نگہداشت اس کے لیے دشوار نہیں ہے، وہ بزرگ و برتر ہے۔(۲۵۵) دین (اختیار کرنے) میں کوئی جبر و زبردستی نہیں ہے، رشد و ہدایت کا راستہ گمراہی کے راستہ سے واضح ہو چکا ہے، پس جو بھی طاغوت کا انکار کرے اور اللہ پر ایمان لےآئے تو اس نے مضبوط رسی کو تھام لیا ہے جو ٹوٹنے والی نہیں ہے، اللہ سننے والا دانا ہے۔(۲۵۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۵۳:

تمام انبیاء کے مقامات اور درجات برابر و یکساں نہیں ہیں۔ ان میں سے ہر ایک کا الگ مقام و مرتبہ ہے۔ پیغمبراسلامﷺ کا امتیاز آپ کا خاتم المرسلین والنبین ہونا ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا امتیاز آپ کی بابرکت نسل و اولاد ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا امتیاز ان کا اللہ تعالیٰ کے ساتھ کلام کرنا ہے۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا امتیاز روح القدس سے تائید ملنا ہے۔ جی ہاں! سارے انبیاء کا درجہ برابر نہیں لیکن ان کا مرتبہ ایک جیسا نہ ہونا ہدف کے واحد ہونے میں رکاوٹ نہیں کہ بعض کے کمالات دوسرے بعض سے زیادہ ہوں (فَضَّلۡنَا بَعۡضَہُمۡ عَلٰی بَعۡضٍ)۔ زیادہ تر اختلافات کا سبب ذاتی خواہشات، حسادتیں اور خود پرستی ہے نہ کہ جہالت اور کم علمی (مِنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡہُمُ الۡبَیِّنٰتُ)۔

آیت ۲۵۴:

اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے انفاق کی ترغیب کے لیے چند نکات کو بیان کیا ہے: الف: جو کچھ تمہارے پاس ہے وہ ہم نے تمہیں دیا ہے، یہ سب تمہارا اپنا نہیں ہے (رَزَقۡنٰاکُمۡ)۔ ب: جو کچھ تمہارے پاس ہے اس میں سے کچھ کو خرچ کرو، سب کا انفاق نہ کرو (مِمَّا)۔ ج: یہ انفاق تمہاری قیامت کے لیے بہتر ہے (یَاۡتِیَ یَوۡمٌ لَّا بَیۡعٌ فِیۡہِ وَ لَا خُلَّۃٌ)۔ کنجوسی کفران نعمت کی نشانی ہے اور اللہ تعالیٰ کے وعدوں کا کفر کرنا ہے (اَنۡفِقُوۡا۔۔۔وَ الۡکٰفِرُوۡنَ)۔

آیت ۲۵۵:

اس آیت میں ’’الکرسی) کا لفظ موجود ہے، اس لیے رسول اللہﷺ نے اس آیت کا نام آیت الکرسی رکھا۔ یہ آیت قرآن مجید کی بلند چوٹی ہے اور تمام آیات میں اس کی بڑی شان ہے۔ امام علی علیہ السلام نے فرمایا: اس آیت کی فضیلت سننے کے بعد کوئی رات ایسی نہ گزری جس میں میں نے اس کی تلاوت نہ کی ہو۔ (لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ) پیغمبر اسلامﷺ کی دعوت اسلام کا پہلا شعار اور نعرہ تھا (قُولُوا لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ تُفْلِحُوا) اس کی قبولیت کامیابی کی علامت ہے۔ توحید کا عقیدہ انسان کی آنکھوں میں تمام طاقتوں، تمام چاہتوں اور تمام رجحانات کو چھوٹا بنا دیتا ہے اور اس عقیدہ کے سامنے ہر شئے حقیر اور معمولی ہے۔ مسلمان کسی بڑے بادشاہ یا حاکم وقت کے سامنے سجدہ نہیں کرتے، جب مسلمان حبشہ کے دربار میں نجاشی کے پاس گئے تو انہوں نے کہا: ہم غیر خدا کا سجدہ نہیں کرتے۔ امام علی علیہ السلام نے فرمایا: (لَا تَکُنْ عَبْدَ غَیْرِکَ وَ قَدْ جَعَلَكَ اللَّهُ حُرّاً)کسی کا غلام مت بنو کیونکہ اللہ نے تمہیں آزاد خلق کیا ہے۔ مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ روزانہ بلند آواز سے اذان کہیں۔ یہ جھوٹے خداؤں اور طاغوتوں اور ظالم حکمرانوں کی غلامی سے آزادی کا اعلان ہے۔ نومولود کے کان میں ہر آواز سے پہلے (لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ) کی آواز ڈالیں کہ اللہ تعالیٰ کے سواء کوئی لائق عبادت نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کی حیات کا معنی دوسری اشیا میں حیات کے معنی سے مختلف ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے لیے حیات کی صفت دوسری صفات کی طرح اس کی ذات سے جدا نہیں ہوسکتی۔ اصطلاح میں صفت ذاتی ہے جو ذات کا لازمہ ہے اور کبھی بھی ذات سے الگ نہیں ہوتی، یہ ناقابل فنا ہے (وَ تَوَکَّلۡ عَلَی الۡحَیِّ الَّذِیۡ لَا یَمُوۡتُ)’’فرقان،۵۸‘‘ وہ اپنی حیات کے لیے نہ تو غذا کا محتاج ہے اور نہ ہی اسے نسل پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی جذب و دفع ’’کشش اور عدم کشش‘‘ کا تصور پایا جاتا ہے۔ (قَیُّوۡمُ) قیام سے لیا گیا ہے، قیوم اسے کہا جاتا ہے جو اپنے پاؤں پر کھڑا ہوتا ہے اور دوسرے اس سے وابستہ ہوتے ہیں، یہ لفظ قرآن مجید میں تین مرتبہ آیا ہے اور تینوں موارد میں اس کے ساتھ (حَیُّ) زندہ کا لفظ آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ خود اپنی ذات پر قائم ہے جبکہ باقی موجودات اللہ تعالیٰ کی ذات کی وجہ سے قائم ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی قیومیت سے مراد یہ ہے کہ تمام مخلوقات کی تدبیر، ان کی حفاظت اور دیکھ بھال سب پر اس کی ذات کا غلبہ ہے۔ ہر زندہ موجود اپنی حیات کو برقرار رکھنے کے لیے فیض پہنچانے کےسرچشمہ کا محتاج ہوتا ہے۔ جس طرح بلب کے روشنی دینے کے لیے اس کے بجلی کے مرکز سے جڑے رہنا ضروری ہے۔ اسی طرح تمام موجودات کے زندہ رہنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ حیّ قیّوم سے حیات لیں۔ تمام چیزوں کا حقیقی مالک اللہ تعالیٰ ہے۔ انسان کی مالکیت عارضی اور عاریتی ہے۔ انسان کی مالکیت چند دنوں اور محدود شرائط کے تحت ہے جس کا تعیّن حقیقی مالک کی طرف سے کیا جاتا ہے۔کائنات کی ہر شئے اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہے۔ لہذا اس پر لاگو قوانین بھی اللہ تعالیٰ ہی کی طرف سے ہیں۔ کائنات کی ہر شئے پر اللہ تعالٰی کا حکم چلتا ہے۔ اے کاش! سارے انسان اس ذات کی مملکت اور ملک سے بہتر استفادہ کرتے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: تقویٰ کا پہلا درجہ اور اللہ تعالیٰ کی بندگی کا پہلا قدم یہ ہے کہ انسان خود کو کسی چیز کا مالک نہ جانے۔ مشرکین اللہ تعالٰی کو مانتے تھے لیکن وہ بتوں کو اپنا شفیع اور اللہ تعالیٰ کے ہاں سفارشی سمجھتے تھے۔ آیت الکرسی میں اس وہم و گمان کو رد کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی اللہ تعالیٰ کی اجازت کے بغیر اس کے ہاں کسی کی سفارش نہیں کرسکتا۔ شفاعت صرف اللہ تعالیٰ کے حکم سے ہی ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں شفاعت کا معیار پارٹی بازی نہیں اور نہ ہی دنیاوی معاملات میں بگڑے ہوئے معاشروں میں سفارش کے لیے جو اثر و رسوخ استعمال کیا جاتا ہے اس طرح کی شفاعت اور سفارش کا تصور پایا جاتا ہے بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ لوگوں کو مایوسی اور ناامیدی سے نجات دلانے کے لیے اولیاء اللہ سے رابطہ اورتعلق قائم کرنے کی ترغیب دلائی جائے۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت لم یزل و لا یزال کے مقابلے میں شفاعت کرنے والے کی کوئی حیثیت نہیں ہے، شفاعت کا مقام فقط ان کے لیے ہے جن کے لیے اللہ تعالیٰ چاہے۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں شفاعت کرنے کا مطلب کسی کی بے گناہی ثابت کرنا نہیں بلکہ شفاعت کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے رحم و کرم سے گنہگار کے گناہوں کو بخش دیتا ہے جو اس کی نجات کا سبب بنتا ہے۔ اللہ تعالٰی کا علم اس بات کا سبب بننا چاہیے کہ انسان کچھ تو اپنے مالک سے حیا کرے کیونکہ اسے دلوں کے اندر کی بات کا علم ہے، وہ آشکار اور پوشیدہ تمام رازوں سے آگاہ ہے، جبکہ انسان کا علم محدود ہے۔ کرسی اللہ تعالیٰ کی حکومت اور قدرت و طاقت سے کنایہ ہے۔ اللہ تعالٰی کی حکومت اور حکمرانی نے زمین اور آسمانوں کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ کائنات اتنی وسیع ہے کہ اس میں زمین کی مثال ایک بے کراں بیاباں میں ایک انگوٹھی کی سی ہے لیکن ان سب کی حفاظت اور ان کی تدبیر اور ان کا نظام چلانا اللہ تعالٰی پر بوجھ نہیں۔ اللہ تعالیٰ نہ فقط پوری کائنات کا مالک ہے اور جو کچھ اس میں ہے اس سے آگاہ ہے بلکہ پوری کائنات اور اس میں موجود تمام مخلوقات اس کے اقتدار کے تحت ہیں، سب پر اسی کا کنٹرول ہے۔ امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں: اللہ تعالٰی کو نہ تو وقت بوڑھا کرتا ہے اور نہ ہی اس میں کچھ تبدیلی رونما ہوتی ہے’’وہ وہی ہے جو ازل سے تھا اور وہی ہے ابد تک، اس میں اولویت اور آخریت نہیں ہے، وہ قدرت لم یزل و لا یزال کا مالک ہے‘‘ اللہ تعالیٰ کی صفات قیّوم، حیّ، علیم، قدیر اور عظیم کا انسان کی تربیت میں تعمیری کردار ہے۔ بہترین مکتب وہ ہے جو اپنے پیروکاروں کو امید و عشق سے نوازے، ان کی تقدیر اور ان کے مستقبل کو روشن کرے۔ اس کے پیروکاروں کو معلوم ہو کہ وہ ہر لمحہ اس کی نظارت اور نگہبانی میں ہیں، ان کی لغزشیں قابل معافی ہیں، ان کا حاکم ان پر مہربان ہے۔ اللہ تعالیٰ ہی لائق عبادت ہے کہ وہ زندہ اور قائم بالذات ہے۔اس میں کمزوری، تھکاوٹ،سستی، نیند اور اونگھ جیسی حالتیں نہیں۔ اس کے ارادہ اور قدرت کے بغیر کوئی ایک بھی کچھ کام کرنے کی طاقت نہیں رکھتا۔ اس کے ارادہ کے بغیر کسی کا کسی چیز پر نہ تو اختیار ہے اور نہ ہی قبضہ و غلبہ ہے۔ اللہ ہی ہے جو سب کچھ سے آگاہ ہے اور سب پر اس کا غلبہ ہے۔ ایسی ہی ذات کو معبود اور لائق پرستش ہونا چاہیے۔اسی سے عشق کیا جائے، اسی سے امید لگائی جائے، اسی کے آگے جھکا جائے اور اسی سے مانگا جائے۔ قرآن مجید نے اللہ تعالیٰ کا جو تعارف کروایا ہے اس کا موازنہ اس سے نہیں کرسکتے جو تعارف تحریف شدہ انجیل اور تورات میں ہے۔ جو کائنات اور اس میں موجود مخلوقات کی حفاظت کرتا ہے وہ ہی ہمیں خطرات سے بچا سکتا ہے، اسی لیے حفاظت کے لیے آیت الکرسی پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

آیت ۲۵۶:

جبر اور زبردستی کرکے کسی کو مومن نہیں بنایا جاسکتا۔ برہان، دلیل، اخلاق اور وعظ و نصیحت سے دلوں کو رام کیا جاسکتا ہے۔ لیکن اس کا معنی یہ نہیں کہ ہر کوئی جو چاہے کرے، ہر منکر کو انجام دے اور یہ کہے کہ میں آزاد ہوں، جو مرضی میں آئے میں کروں۔ اسلام میں سزا سے متعلق قوانین اس بات کی نشانی ہے کہ اگر ایک شخص دل سے عقیدہ نہیں بھی رکھتا ہے تو اسے یہ حق نہیں کہ وہ معاشرہ میں دوسروں کے لیے آزار و اذیت کا سبب بنے۔ روایات کے مطابق (عُرۡوَۃِ الۡوُثۡقٰی)’’اللہ کی مضبوط رسی‘‘ سے تمسک کا ایک مصداق، اولیاء اللہ اور اہل بیت اطہار علیہم السلام سے تعلق برقرار رکھنا ہے۔ جس دین کی تعلیمات دلیل و برہان کی بنیاد پر ہوں اس کے لیے جبر اور زبردستی معنی نہیں رکھتا (لَاۤ اِکۡرَاہَ فِی الدِّیۡنِ)۔ دین انسانیت کو پروان چڑھانے کا وسیلہ ہے (قَدۡ تَّبَیَّنَ الرُّشۡدُ مِنَ الۡغَیِّ)۔ جب تک طاغوت ’’ظالم، سرکش اور خدا مخالف حکمران‘‘ کا خاتمہ نہ ہو توحید جلوہ گر نہیں ہوسکتی، اس کے لیے پہلے طاغوت کا انکار کرنا ہوگا پھر اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا ہوگا (فَمَنۡ یَّکۡفُرۡ بِالطَّاغُوۡتِ وَ یُؤۡمِنۡۢ بِاللّٰہِ)۔ طاغوت کا سہارا لینا اور غیر اللہ پر اعتماد کرنا بے وقعت عمل ہے، اس نے ختم ہوجانا ہے،جس تعلق نے باقی رہنا ہے اور جو مضبوط اور مستحکم سہارا ہے جسے زوال نہیں وہ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے (لَا انۡفِصَامَ لَہَا)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 257 تا 259
ٱللَّهُ وَلِيُّ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ يُخۡرِجُهُم مِّنَ ٱلظُّلُمَٰتِ إِلَى ٱلنُّورِۖ وَٱلَّذِينَ كَفَرُوٓاْ أَوۡلِيَآؤُهُمُ ٱلطَّٰغُوتُ يُخۡرِجُونَهُم مِّنَ ٱلنُّورِ إِلَى ٱلظُّلُمَٰتِۗ أُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ٢٥٧ أَلَمۡ تَرَ إِلَى ٱلَّذِي حَآجَّ إِبۡرَٰهِـۧمَ فِي رَبِّهِۦٓ أَنۡ ءَاتَىٰهُ ٱللَّهُ ٱلۡمُلۡكَ إِذۡ قَالَ إِبۡرَٰهِـۧمُ رَبِّيَ ٱلَّذِي يُحۡيِۦ وَيُمِيتُ قَالَ أَنَا۠ أُحۡيِۦ وَأُمِيتُۖ قَالَ إِبۡرَٰهِـۧمُ فَإِنَّ ٱللَّهَ يَأۡتِي بِٱلشَّمۡسِ مِنَ ٱلۡمَشۡرِقِ فَأۡتِ بِهَا مِنَ ٱلۡمَغۡرِبِ فَبُهِتَ ٱلَّذِي كَفَرَۗ وَٱللَّهُ لَا يَهۡدِي ٱلۡقَوۡمَ ٱلظَّٰلِمِينَ ٢٥٨ أَوۡ كَٱلَّذِي مَرَّ عَلَىٰ قَرۡيَةٖ وَهِيَ خَاوِيَةٌ عَلَىٰ عُرُوشِهَا قَالَ أَنَّىٰ يُحۡيِۦ هَٰذِهِ ٱللَّهُ بَعۡدَ مَوۡتِهَاۖ فَأَمَاتَهُ ٱللَّهُ مِاْئَةَ عَامٖ ثُمَّ بَعَثَهُۥۖ قَالَ كَمۡ لَبِثۡتَۖ قَالَ لَبِثۡتُ يَوۡمًا أَوۡ بَعۡضَ يَوۡمٖۖ قَالَ بَل لَّبِثۡتَ مِاْئَةَ عَامٖ فَٱنظُرۡ إِلَىٰ طَعَامِكَ وَشَرَابِكَ لَمۡ يَتَسَنَّهۡۖ وَٱنظُرۡ إِلَىٰ حِمَارِكَ وَلِنَجۡعَلَكَ ءَايَةٗ لِّلنَّاسِۖ وَٱنظُرۡ إِلَى ٱلۡعِظَامِ كَيۡفَ نُنشِزُهَا ثُمَّ نَكۡسُوهَا لَحۡمٗاۚ فَلَمَّا تَبَيَّنَ لَهُۥ قَالَ أَعۡلَمُ أَنَّ ٱللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٞ ٢٥٩
ترجمہ
اللہ مومنوں کا ولی اور سرپرست ہے، وہ انہیں تاریکیوں سے نکال کر نور میں لے جاتا ہے اور جنہوں نے کفر اختیار کیا ہے تو ان کے سرپرست طاغوت (سرکش و ظالم حکمران) ہیں جو انہیں نور سے نکال کر تاریکیوں میں لے جاتے ہیں، یہ لوگ دوزخی ہیں اور وہ آتش جہنم میں ہمیشہ رہیں گے۔(۲۵۷) کیا آپ نے اس(نمرود) کے بارے غور نہیں کیا جو ابراہیم کے ساتھ اس کے رب کے بارے اس بنا پر بحث و جدل کیا کرتا تھا کہ اللہ نے اسے بادشاہت دے رکھی تھی؟ جب ابراہیم نے کہا: میرا خدا وہی ہے جو زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے، اس (نمرود)نے کہا:میں بھی تو زندہ کرتا ہوں اور مارتا ہوں، ابراہیم نے کہا: اللہ تو سورج کو مشرق سے لاتا ہے تم اسے مغرب سے نکال لاؤ ، یہ سن کر وہ کافر شخص مبہوت ہوگیا اور اللہ ستمگر کو ہدایت نہیں کرتا۔(۲۵۸) یا اس (عزیر) کی مانند کہ جب وہ ایک آبادی سے گزر رہا تھا تو اس نے دیکھا کہ مکانات کی چھتیں اور دیواریں گری ہوئی ہیں، اس نے اپنے آپ سے کہا: اللہ کس طرح ان سب کو مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کرے گا؟اللہ نے اسے مار دیا، وہ سو سال تک مرا پڑا رہا، پھر اللہ نے اسے زندہ کیا اور اس سے فرمایا: تم اس جگہ کتنی دیر موجود رہے ہو گے؟ اس نے کہا: ایک دن یا ایک دن کا کچھ حصہ، اللہ نے فرمایا: تم اس جگہ ایک سو سال موجود رہے، اپنی کھانے پینے کی چیزوں کو دیکھو کہ ان میں تبدیلی نہیں آئی اور اپنے گدھے کو دیکھو( کہ اس کی ہڈیاں بھی بوسیدہ ہوچکی ہیں) یہ ماجرا اس غرض سے ہے کہ لوگوں کے لیے تجھے نشانی قرار دوں(کہ مرنے کے بعد وہ اٹھائے جائیں گے) اب تم ہڈیوں کو دیکھو کہ کس طرح وہ ایک دوسرے سے جڑتی جارہی ہیں اور کس طرح گوشت ان پر چڑھتا ہے، پس جب یہ سب حقائق اس کے لیے آشکار ہوگئے تو اس نے کہا: اب میں جان گیا کہ اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔(۲۵۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۵۷:

سابقہ آیت میں ہم نے پڑھا کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز کا مالک ہے (لَہٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ۔۔۔) اس آیت میں ہم پڑھتے ہیں کہ مومنین خاص طور پر اس کی ولایت اور سرپرستی میں ہیں(اَللّٰہُ وَلِیُّ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا)۔ اللہ کی ولایت کو قبول کرنےوالوں کی پہچان: ان کے سارے کام الٰہی رنگ اپنا لیتے ہیں (صِبۡغَۃَ اللّٰہِ)’’بقرہ، ۱۳۸‘‘ وہ اپنے لیے الٰہی رہبر و قائد کا انتخاب کرتے ہیں(اِنَّ اللّٰہَ قَدۡ بَعَثَ لَکُمۡ طَالُوۡتَ مَلِکًا)’’بقرہ، ۲۴۷‘‘ ان کا راستہ واضح اور انہیں اپنے مستقبل کا علم ہوتا ہے اور ان کے کام میں ولولہ ہوتا ہے (یَہۡدِیۡہِمۡ رَبُّہُمۡ بِاِیۡمَانِہِمۡ)’’یونس، ۹‘‘، (اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ)(بقرہ، ۱۵۶)، (لَا نُضِیۡعُ اَجۡرَ الۡمُحۡسِنِیۡنَ) ’’یوسف، ۵۶‘‘۔ سختیوں اور مشکلات میں ان کی توجہ اللہ تعالٰی پر ہوتی ہے،غیر الٰہی طاقتوں سے انہیں کوئی ڈر نہیں ہوتا (فَزَادَہُمۡ اِیۡمَانًا)’’آل عمران، ۱۷۳‘‘۔ موت سے نہیں گھبراتے، ولایت الٰہی کے سایہ میں قتل ہوجانے کو اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں، امام حسین علیہ السلام نے فرمایا:(إِنِّي لاَ أَرَى الْمَوْتَ إِلَّا سَعَادَةً)۔ زندگی میں تنہائی ان کے لیے ناخوشگوار نہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اللہ ان کے ساتھ ہے (اِنَّ اللّٰہَ مَعَنا) ’’توبہ، ۴۰‘‘۔ مال کے انفاق اور اسے خرچ کرنے سے گھبراتے نہیں کیونکہ وہ اپنے مال کو اپنے ولی و سرپرست کے سپرد کردیتے ہیں (یُقۡرِضُ اللّٰہَ قَرۡضًا حَسَنًا)’’بقرہ، ۲۴۵‘‘۔ ان پر منفی پروپیگنڈہ بے اثر ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کے حتمی وعدوں کے سپرد کر رکھا ہوتا ہے (وَ الۡعَاقِبَۃُ لِلۡمُتَّقِیۡنَ)’’اعراف، ۱۲۸‘‘۔ ان کے سامنے اللہ تعالیٰ کے علاوہ ہر چیز چھوٹی ہوتی ہے، امام علیہ السلام نے فرمایا: (عَظُمَ الْخَالِقُ فِي أَنْفُسِهِمْ فَصَغُرَ مَا دُونَهُ فِي أَعْيُنِهِمْ)۔ وہ متعدد قوانین اور دستورات سے حیران و پریشان نہیں ہوتے، کیونکہ انہوں نے اللہ تعالٰی کے قانون کو قبول کر رکھا ہوتا ہے، الٰہی معیار کے مطابق اس راستے کا انتخاب کیا ہے جو اللہ تعالٰی نے معین کیا ہے (وَ مَنۡ لَّمۡ یَحۡکُمۡ بِمَاۤ اَنۡزَلَ اللّٰہُ)’’مائدہ،۴۴ و ۴۵‘‘۔ مومنوں کا ایک ہی سرپرست اور ولی ہے اور وہ اللہ تعالیٰ ہے۔ جبکہ کافروں کے سرپرست متعدد ہیں (ءَاَرۡبَابٌ مُّتَفَرِّقُوۡنَ خَیۡرٌ اَمِ اللّٰہُ الۡوَاحِدُ الۡقَہَّارُ)’’یوسف، ۳۹‘‘ مومنوں کے بارے اللہ نے فرمایا:(اَللّٰہُ وَلِیُّ)، کافروں کے بارے میں فرمایا(اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ سابقہ آیت میں بیان ہوا (قَدۡ تَّبَیَّنَ الرُّشۡدُ مِنَ الۡغَیِّ)، اس آیت میں ہدایت اور گمراہی کے نمونے بیان ہوئے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی ولایت رشد و ہدایت ہے اور طاغوت کی ولایت انحراف اور گمراہی ہے (اَللّٰہُ وَلِیُّ۔۔۔اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ حق کا راستہ ایک ہے جبکہ انحرافی راستے متعدد ہیں۔ قرآن مجید نے راہ حق کےبارے کلمہ نور استعمال کیا ہے جبکہ انحرافی اور ٹیڑھے راستوں کے بارے ظلمات ’’تاریکیاں‘‘کی تعبیر استعمال ہوئی ہے (النُّوۡرِ، الظُّلُمٰتِ)۔ حق کا راستہ نور ہے۔نور میں انسان آگے بڑھ سکتا ہے، ترقی اور کمال حاصل کرسکتا ہے اور اس میں امید و سکون اور اطمینان ہے (النُّوۡرِ)۔ مومن بند گلی میں نہیں ہوتا (یُخۡرِجُوۡنَہُمۡ مِّنَ النُّوۡرِ اِلَی الظُّلُمٰتِ)۔ طاغوت ’’سرکش اور ظالم حکمران‘‘ کفر و شرک کے ماحول میں مشقیں کرتے ہیں (الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ جو شخص اللہ تعالیٰ کی ولایت کے سایہ میں نہیں آتا تو خواہ مخواہ طاغوت اس پر اپنی ولایت و سرپرستی برقرار کرتے ہیں(اَللّٰہُ وَلِیُّ۔۔۔اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ الٰہی ولایت کے علاوہ ہر ولایت طاغوت کی ولایت ہے (اَللّٰہُ وَلِیُّ۔۔۔اَوۡلِیٰٓـُٔہُمُ الطَّاغُوۡتُ)۔ طاغوت کی ولایت قبول کرنے کےانجام پر توجہ انسان کو حق قبول کرنے کی جانب لے آتی ہے (اُولٰٓئِکَ اَصۡحٰبُ النَّارِ)۔

آیت ۲۵۸:

سابقہ آیت میں ہم نے پڑھا کہ مومنوں کا ولی اللہ تعالیٰ ہے جو انہیں تاریکیوں سے نکال کر نور کی جانب لے آتا ہے۔اس آیت اور اس کے بعد والی آیات میں الٰہی ولایت اور تاریکیوں سے نور کی طرف نکال کر لانے کے نمونے بیان ہوئے ہیں۔ تاریخی کتابوں میں ہے کہ نمرود بابل کے بادشاہوں سے تھا اور بہت ہی طاقتور حکمران تھا۔ اس نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے بارے بحث و مباحثہ کیا اور یہ گفتگو مجادلہ میں تبدیل ہوگئی۔ جب ابراہیم علیہ السلام نے کہا کہ میرا رب تو وہ ہے جو زندہ کو مارتا ہے اور مردے کو زندہ کرتا تو نمرود نے کہا کہ میں بھی زندہ کو مارتا ہوں اور مرنے والے کو زندگی دیتا ہوں۔ پھر اس نے حکم دیا کہ دو قیدیوں کو اس کے پاس لایا جائے جن میں سے ایک کو قتل کردیا اور ایک کو چھوڑ دیا۔ جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے نمرود کے اس سفسطہ اور مجادلہ و مغالطہ کو دیکھا کہ نمرود زندہ کرنے اورمارنے سے کیا معنی مراد لے رہا ہے اور وہ کس طرح لوگوں کے ذہنوں کو خراب کرنے کے درپے ہے تو انہوں نے فوراً کہا میرا رب سورج کو مشرق سے نکالتا ہے، تم اسےمغرب سے نکال لاؤ۔ اگر تیرا یہ دعویٰ ہے کہ کائنات پر تیری حکمرانی ہے اور سب کچھ تیرے اختیار میں ہے اور ہر چیز پر تیرا اقتدار ہے تو سورج کو مغرب سے نکال لاؤ۔ یہ سن کر نمرود مبہوت ہوگیا اور اس کے پاس کچھ جواب نہ تھا، اس کے پاس خاموشی کے سوا کچھ نہ بچا تھا۔ جس کے پاس جو کچھ ہے وہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے دیا ہوا ہے۔ کافر بھی دنیا میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے بہرہ ور ہوتے ہیں لیکن وہ ان سے صحیح استفادہ نہیں کرتے (اٰتٰىہُ اللّٰہُ)۔ اقتدار ،استکبار اور غرور و تکبر کا سبب بنتا ہے (اَنۡ اٰتٰىہُ اللّٰہُ الۡمُلۡکَ ۘ ۔۔۔اَنَا اُحۡیٖ وَ اُمِیۡتُ)۔ ایسے موقع پر رائے عامہ پر توجہ دینا اور لوگوں سے فیصلہ لینا ضروری ہوتا ہے۔ اگرچہ حیات کا وجود خدا شناسی کے راستوں سے ایک راستہ ہے لیکن اس میں نمرود کا جواب صحیح نہیں تھا لیکن اس بارے بحث و مباحثہ سے عام لوگوں کو جواب نہ ملتا (رَبِّیَ الَّذِیۡ یُحۡیٖ وَ یُمِیۡتُ) لہذا حضرت ابراہیم علیہ السلام نے مارنے اور زندہ کرنے کے معنی کے متعلق بحث کرنے کی بجائے ایسی بات کی جسے ہر ایک آسانی سے سمجھ سکتا تھا کہ تم سورج کو مشرق کی بجائے مغرب سے نکال لاؤ۔ بحث و مباحثہ میں فطری،عقلی اور عمومی دلائل سے استفادہ کیا جائے تاکہ ہٹ دھرم اور ضدی مخالفین مغلوب و مقہور ہوجائیں (اَنَا اُحۡیٖ وَ اُمِیۡتُ)۔ اگر منطق اور عقلی دلائل کے ساتھ حق پیش کیا جائے تو وہ باطل پر غالب آجائے گا اور حق ثابت ہوجائے گا (فَاۡتِ بِہَا مِنَ الۡمَغۡرِبِ فَبُہِتَ الَّذِیۡ کَفَرَ)۔ کافر ظالم ہے کیونکہ اپنے اوپر اور انسانیت کے مقام پر ظلم کرتا ہے (فَبُہِتَ الَّذِیۡ کَفَرَ)۔

آیت ۲۵۹:

سابقہ آیت میں نمرود کے ساتھ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی گفتگو بیان ہوئی کہ توحید کے بارے گفتگو کررہے تھے جو نور کے نمونوں میں سے ایک ہے۔ نیز استدلا ل کے ذریعے ہدایت پانا تاریکیوں سے نکال کر نور کی طرف لانے کے نمونوں میں سے دوسرا نمونہ ہے۔ اس آیت میں معاد کے بارے گفتگو ہو رہی ہے۔ ہدایت نمائش کے طریقہ سے اور محسوس صورت میں پیش کریں ۔ تفاسیر میں آیا ہے کہ اس شخص کا نام عُزیر تھا۔ ماضی کی ویران شدہ تہذیبوں کو عبرت کی نگاہ سے دیکھا جائے اور ان سے درس حاصل کیا جائے (مَرَّ عَلٰی قَرۡیَۃٍ)۔ اگر تم کسی چیز کو جانتے ہو تو پھر بھی اپنے علم کو تجربہ کے ساتھ اوپر کی سطح پر لانے کی کوشش کرو (اَنّٰی یُحۡیٖ ہٰذِہِ اللّٰہُ)۔ ایک نکتہ کو سمجھنے کے لیے ایک سو سال تک مرے رہنا بجا ہے (فَاَمَاتَہُ اللّٰہُ مِائَۃَ عَامٍ)۔ لمبی مدت کا گزر جانا اللہ تعالیٰ کی قدرت میں خلل وارد نہیں کرتا (فَاَمَاتَہُ اللّٰہُ مِائَۃَ عَامٍ ثُمَّ بَعَثَہٗ)۔ رجعت اور قیامت سے پہلے اسی دنیا میں مردوں کا زندہ ہونا ممکن ہے (فَاَمَاتَہُ۔۔۔بَعَثَہٗ)۔ دینی تعلیمات کو سمجھانے کے لیے نمائش بہترین وسیلہ ہے (فَانۡظُرۡ اِلٰی طَعَامِکَ وَ شَرَابِکَ ۔۔۔وَ انۡظُرۡ اِلَی۔۔۔وَ انۡظُرۡ اِلَی الۡعِظَامِ)۔ الٰہی ارادے سے مضبوط ہڈیاں بوسیدہ ہوجاتیں ہیں لیکن غذا جو جلدی خراب ہوجاتی ہے وہ ایک سو سال گزرنے کے باوجود صحیح و سالم باقی رہتی ہے (لَمۡ یَتَسَنَّہۡ)۔ قدرت کی نمائش لوگوں کی ہدایت و رہنمائی کے لیے ہے سرگرمی اور قدرت نمائی کے لیے نہیں(وَ لِنَجۡعَلَکَ اٰیَۃً لِّلنَّاسِ)۔ اللہ تعالیٰ نے قیامت کا منظر دنیا ہی میں دکھایا ہے(فَاَمَاتَہُ۔۔۔ثُمَّ بَعَثَہٗ ۔۔۔وَ انۡظُرۡ اِلَی الۡعِظَامِ کَیۡفَ نُنۡشِزُہَا)۔ معاد جسمانی ہے، اگر معاد صرف روحانی ہوتا تو ہڈیوں کا حوالہ نہ دیا جاتا (وَ انۡظُرۡ اِلَی الۡعِظَامِ)۔ ’’مشتی از خروار‘‘ اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت کا ایک چھوٹا سا نمونہ دکھایا ہے کہ جو کچھ قیامت میں ہوتا ہے اس کا نمونہ دنیا ہی میں دکھا دیا (فَلَمَّا تَبَیَّنَ لَہٗ ۙ قَالَ اَعۡلَمُ اَنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 260 تا 264
وَإِذۡ قَالَ إِبۡرَٰهِـۧمُ رَبِّ أَرِنِي كَيۡفَ تُحۡيِ ٱلۡمَوۡتَىٰۖ قَالَ أَوَلَمۡ تُؤۡمِنۖ قَالَ بَلَىٰ وَلَٰكِن لِّيَطۡمَئِنَّ قَلۡبِيۖ قَالَ فَخُذۡ أَرۡبَعَةٗ مِّنَ ٱلطَّيۡرِ فَصُرۡهُنَّ إِلَيۡكَ ثُمَّ ٱجۡعَلۡ عَلَىٰ كُلِّ جَبَلٖ مِّنۡهُنَّ جُزۡءٗا ثُمَّ ٱدۡعُهُنَّ يَأۡتِينَكَ سَعۡيٗاۚ وَٱعۡلَمۡ أَنَّ ٱللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٞ ٢٦٠ مَّثَلُ ٱلَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمۡوَٰلَهُمۡ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ كَمَثَلِ حَبَّةٍ أَنۢبَتَتۡ سَبۡعَ سَنَابِلَ فِي كُلِّ سُنۢبُلَةٖ مِّاْئَةُ حَبَّةٖۗ وَٱللَّهُ يُضَٰعِفُ لِمَن يَشَآءُۚ وَٱللَّهُ وَٰسِعٌ عَلِيمٌ ٢٦١ ٱلَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمۡوَٰلَهُمۡ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ ثُمَّ لَا يُتۡبِعُونَ مَآ أَنفَقُواْ مَنّٗا وَلَآ أَذٗى لَّهُمۡ أَجۡرُهُمۡ عِندَ رَبِّهِمۡ وَلَا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ٢٦٢ ۞ قَوۡلٞ مَّعۡرُوفٞ وَمَغۡفِرَةٌ خَيۡرٞ مِّن صَدَقَةٖ يَتۡبَعُهَآ أَذٗىۗ وَٱللَّهُ غَنِيٌّ حَلِيمٞ ٢٦٣ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تُبۡطِلُواْ صَدَقَٰتِكُم بِٱلۡمَنِّ وَٱلۡأَذَىٰ كَٱلَّذِي يُنفِقُ مَالَهُۥ رِئَآءَ ٱلنَّاسِ وَلَا يُؤۡمِنُ بِٱللَّهِ وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡأٓخِرِۖ فَمَثَلُهُۥ كَمَثَلِ صَفۡوَانٍ عَلَيۡهِ تُرَابٞ فَأَصَابَهُۥ وَابِلٞ فَتَرَكَهُۥ صَلۡدٗاۖ لَّا يَقۡدِرُونَ عَلَىٰ شَيۡءٖ مِّمَّا كَسَبُواْۗ وَٱللَّهُ لَا يَهۡدِي ٱلۡقَوۡمَ ٱلۡكَٰفِرِينَ ٢٦٤
ترجمہ
جس وقت ابراہیم نے کہا: اے میرے رب! مجھے یہ دکھا کہ تو کس طرح مردوں کو زندہ کرتا ہے، اللہ نے کہا: کیا تم ایمان نہیں لے آئے؟ ابراہیم نے کہا: کیوں نہیں!(ایمان تو لایا ہوں) مگر یہ اس لیے ہے کہ میرا دل مطمئن ہوجائے، اللہ نے فرمایا: چار مختلف اقسام کے پرندے لے لو، انہیں ٹکڑے ٹکڑے کرو پھر ان کو آپس میں ملا دو پھر ہر ایک پہاڑ پر اس کا ایک حصہ رکھ دو پھر تم ان پرندوں کو آواز دو تو وہ تیزی سے تیرے پاس آجائیں گے، یہ بات جان لو کہ اللہ قادر اور حکیم ہے۔(۲۶۰) ان کی مثال جو اپنے اموال کو اللہ کی راہ پر خرچ کرتے ہیں اس بیج کی ہے کہ جس سے سات خوشے نکلتے ہیں اور ہر خوشہ میں سو دانے ہوتے ہیں، اللہ جس کے لیے چاہے اسے چند برابر دیتا ہے، اللہ کشائش دینے والا دانا ہے۔(۲۶۱) جو اپنے اموال کو اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں پھر جو انہوں نے خرچ کیا ہے اس پر احسان نہیں جتاتے اور( جسے کچھ دیا ہے اسے بھی) اذیت نہیں پہنچاتےتو ان کا اجر ان کے رب کے پاس ہے، ان پر کوئی خوف نہیں اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔(۲۶۲) اچھی اور دل پسند بات کرنا اور(فقراء کے ناگوار جملوں کو) نظر انداز کردینا اس صدقہ سے بہتر ہے جس میں صدقہ لینے والے کو اذیت دی جائے، اللہ تو بے نیاز اور بردبار ہے۔(۲۶۳) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! اپنے عطیات کو احسان جتانے اور اذیت دینے کے ذریعہ ضائع مت کرو، بتحقیق جو شخص اپنے مال کو دکھاوے کے لیے لوگوں کو دیتا ہے اللہ اور قیامت کے دن پر اس کا ایمان نہیں ہے تو اس کی مثال اس چٹیل صاف پتھر (چٹان) کی ہے کہ اس کے اوپر مٹی چڑھی ہوئی ہو اور اس پر بیج ڈال دئے جائے جیسے ہی اس پر بارش آجائے تو وہ اس پتھر کو صاف کردے( مٹی اور بیج سے خالی ہوجائے ریاکار خرچ کرنے والے کو) اس کے انفاق سے کچھ بھی حاصل نہ ہوگا، اللہ کافروں کی ہدایت نہیں کرتا۔(۲۶۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۶۰:

ایک دفعہ حضرت ابراہیم علیہ السلام دریا کے قریب سے گزر رہے تھے تو وہاں پر ایک مردار کو دیکھا جو دریا کے کنارے پڑا ہوا تھا۔اس کا ایک حصہ پانی میں تھا اور ایک حصہ خشکی پرتھا۔ دریائی اور صحرائی جانور اور پرندے اسے نوچ رہے تھے اور اسے اپنا لقمہ بنا رہے تھے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے آپ سے سوال کیا کہ اگر ایسا ہی انسان کے ساتھ ہوا اور اس کے بدن کے اجزاء دوسرے حیوانات کے بدن کا حصہ بن جائیں تو قیامت کے دن یہ کس طرح اکھٹے کئے جائیں گے اور انسان زندہ ہوگا۔ لہذا اللہ تعالیٰ سے التجا کردی کہ وہ انہیں مردوں کو زندہ کرنے کی کیفیت بارے آگاہ کرے۔ اللہ تعالیٰ نے اس نمائش کے ذریعہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو نور یقین اور اطمینان قلب کی نعمت سے نواز دیا۔ عمیق اور گہری تعلیم کے لیے نمائش اور محسوسات کا مشاہدہ ضروری ہے (اَرِنِیۡ)۔ کشف و شہود ان لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے علم، ایمان اور استدلال کےمراحل اور مراتب کو طے کر لیا ہو جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام نے درخواست کی(اَرِنِیۡ)مجھے دکھا دے تو ان کو جواب دیا گیا۔ ہر ایک کی درخواست کا جواب نہیں دیا جاتا۔ ہمیں ہمیشہ اس چیز کے درپے رہنا چاہیے کہ ہمارا ایمان اور یقین ترقی کر کے اطمینان کی منزل کو پالے، اس کے لیے جستجو اور چھان پھٹک کرنا قابل قدر ہے (لِیَطۡمَئِنَّ قَلۡبِیۡ)۔ ایمان کے درجات اور مراحل ہیں (لِیَطۡمَئِنَّ قَلۡبِیۡ)۔ انسان کا دل اطمینان کا مرکز ہے (لِیَطۡمَئِنَّ قَلۡبِیۡ)۔ اولیاء اللہ کائنات کے موجودات میں تصرف کا اختیار رکھتے ہیں کہ جسے ولایت تکوینی کہا جاتا ہے۔ یہ ولایت اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کے لیے عطا ہے (ثُمَّ ادۡعُہُنَّ یَاۡتِیۡنَکَ سَعۡیًا)۔ معاد جسمانی ہے، قیامت کے دن روح کے ساتھ بدن کے اجزاء واپس آئیں گے (یَاۡتِیۡنَکَ سَعۡیًا)۔

آیت ۲۶۱:

انفاق کی تاکید، اسراف و تبذیر اور فضول خرچی کی ممانعت، طبقاتی اختلافات کو حل کرنے کا بہترین وسیلہ ہے۔ جس طرح سود کا عام ہونا طبقاتی اختلاف اور انتشار کا سبب ہے۔ اسی وجہ سے قرآن مجید میں انفاق بارے آیات اور سود خوری کی ممانعت والی آیات اکٹھی آئی ہیں۔ ایسا نہیں کہ زمین میں ڈالے جانے والے ہر دانہ سے سات خوشے اور ہر خوشے سے سو دانے نکلتے ہوں بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ زمین زرخیز ہو، بیج صاف ستھرا ہو، مناسب موسم ہو، اس کی پوری دیکھ بھال کی جائے، بروقت پانی دیا جائے، بیج کے اگنے کے لیے جو ماحول ضروری ہے وہ مہیا ہو تو پھر ایسا نتیجہ نکلے گا۔ مال کا انفاق بھی اسی طرح ہے، ضروری ہے کہ انفاق کیا گیا مال حلال ہو، قصد قربت ہو، احسان نہ جتایا جائے اور اچھے انداز سے ہو تو تب اس کے یہ فوائد اور اثرات ہوں گے۔ انفاق کا اثر صرف اخروی ثواب نہیں بلکہ یہ انسان کے وجود میں رشد و ترقی اور ارتقاء کا سبب بھی بنتا ہے (مَثَلُ الَّذِیۡنَ یُنۡفِقُوۡنَ)۔ قرآن مجید ان انفاق کرنے والوں کی تعریف کرتا ہے جن کی ہمیشہ یہی سیرت ہو، اس لیے (یُنۡفِقُوۡنَ) مضارع کا صیغہ لایا گیا ہے جس میں استمرار کا معنی پایا جاتا ہے۔ انفاق اس وقت قابل قدر ہے جب اللہ تعالیٰ کی راہ میں ہو، اسلامی نقطہ نظر سے معیشت، اخلاق سے الگ نہیں (فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ)۔ قدرتی مناظر کی مثالیں کبھی پرانی نہیں ہوتیں، یہ تمام لوگوں کے لیے ہیں جیسے حالات میں بھی ہوں قابل فہم ہوتی ہیں، مال کی تشبیہ بیج سے دینا اور انفاق کے اثرات کو متعدد خوشوں کے دانوں سے دینا قابل فہم ہے (کَمَثَلِ حَبَّۃٍ اَنۡۢبَتَتۡ سَبۡعَ سَنَابِلَ)۔ نیک کام پر ثواب کا وعدہ اور اس بارے ترغیب دلانا اس کام کو انجام دینے پر ابھارنے کے لیے مضبوط ترین وسیلہ ہے، ایک کام کا بدلہ سات سو برابر ہے (وَ اللّٰہُ یُضٰاعِفُ)۔ اللہ تعالیٰ کا لطف و کرم لامحدود ہے (وَ اللّٰہُ یُضٰاعِفُ ۔۔۔وَ اللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔ اگر مال کا انفاق سات سو برابر بڑھنے اور رشد و نمو کرنے کا سبب ہے (کَمَثَلِ حَبَّۃٍ اَنۡۢبَتَتۡ سَبۡعَ سَنَابِلَ فِیۡ کُلِّ سُنۡۢبُلَۃٍ مِّائَۃُ حَبَّۃٍ) تو جو اپنی جان اللہ کی راہ میں انفاق کرے تو اس کا بدلہ کس قدر ہوگا؟ (وَ اللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۶۲:

اسلام میں انفاق کا حکم دینے میں فقط یہ مقصد نہیں کہ فقراء کے شکم کو سیر کیا جائے بلکہ یہ کام نیک لوگوں کے ہاتھ میں ہو، اچھا انداز اپنایا جائے اور اچھےاہداف کے حصول کی نیت سے ہو۔ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کے لیے قدم بڑھاتا ہے اور نیک کام شروع کرتا ہے لیکن کچھ مسائل درمیان میں آجاتے ہیں جیسے غرور، احسان جتانا یا ان سے بے جا توقعات رکھنا جن کی مدد کی جارہی ہے یا دکھاوا اور اس طرح کے دیگر امور جن کی وجہ سے اس نیک کام کی اہمیت اور قدر ختم ہوجاتی ہے۔ احسان جتا کر انفاق کرنے سے اس کا اثر ضائع ہوجاتا ہے۔ کیونکہ انفاق کا ہدف دل کو بخل سے پاک کرنا ہے لیکن احسان جتا نا دل کو آلودہ کردیتا ہے۔ احسان جتانے کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ اپنے آپ کو بڑا بناکر پیش کیا جائے اور دوسروں کو کمتر ظاہر کیا جائے اور اس طرح لوگ اس کی طرف متوجہ ہوں۔ اس کا خلاصہ یہ ہے کہ ایسے امور انسان کو اخلاص سے دور کردیتے ہیں۔ ذرا سوچیں اللہ تعالیٰ نے انسان کو اتنی ساری نعمتوں سے نوازا ہے تو کیا خدا ہمارے اوپر احسان جتاتا ہے؟ جو کچھ اللہ تعالیٰ نے ہمیں دیا ہے اس سے بہت تھوڑا اس کی مخلوق کے لیے خرچ کرکے ان پر احسان جتائیں تو کیا یہ انصاف ہے؟! تفسیرمجمع البیان میں حدیث بیان ہوئی ہے کہ رسول خداﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن اللہ تعالٰی ان لوگوں پر لطف و کرم کی نگاہ نہ کرے گا جو دوسروں پر احسان جتاتے تھے۔ صرف اتنا کافی نہیں کہ نیک عمل کا آغاز نیک نیتی سے کیا جائے بلکہ اس کا اختتام بھی اچھا ہو (یُنۡفِقُوۡنَ ۔۔۔ ثُمَّ لَا یُتۡبِعُوۡنَ۔۔۔ مَنًّا)۔ اسلام چاہتا ہے کہ محروم طبقات اور فقراء کی آبرو کی حفاظت کی جائے، اسلام فقراء کی شخصیت کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا کہ ان پر احسان جتا کر انہیں احساس دلاؤ کہ تم محتاج و کمتر ہو اور میں انفاق کرنے والا بڑا آدمی ہوں، اس طرح انفاق کا عمل ضائع ہوجائے گا (لَا یُتۡبِعُوۡنَ۔۔۔مَنًّا وَّ لَاۤ اَذًی)۔ انسان کا ایک عمل اس کے دوسرے عمل پر اثر چھوڑتا ہے، کبھی ایک عمل دوسرے عمل کو برباد کرسکتا ہے۔ انفاق فقر کا علاج ہے لیکن احسان جتانے سے یہ انفاق فقراء میں درد و تکلیف لے آتا ہے (یُنۡفِقُوۡنَ ۔۔۔لَا یُتۡبِعُوۡنَ۔۔۔ مَنًّا وَّ لَاۤ اَذًی)۔ اللہ تعالیٰ نے انفاق کرنے والوں کے لیے اچھے مستقبل کی ضمانت دی ہے (لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ)۔ جو شخص احسان چڑھائے بغیر اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے انفاق کرتا ہے تو اسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے اطمینان اور سکون قلب نصیب ہوتا ہے (لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ)۔

آیت ۲۶۳:

رسول خداﷺنے فرمایا: اگر تمہارے پاس کوئی سوالی آجائے تو اس کے ساتھ دو میں سے ایک طرح کا رویہ اپناؤ (بِبَذْلٍ يَسِيرٍ أَوْ بِرَدٍّ جَمِيلٍ)یا تو جو کچھ تمہارے بس میں ہے اتنی مقدار میں اس کی مدد کردو یا مناسب اور شائستہ طریقہ سے اسے جواب دو۔ فقیر کی شخصیت اور آبرو کی حفاظت کی جائے، یہ اس کے پیٹ کی حفاظت سے زیادہ اہم ہے (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ۔۔۔خَیۡرٌ مِّنۡ صَدَقَۃٍ)۔ فقیر کو پیارو محبت اور ہمدردی کے ساتھ ایسے مفید عمل کی رہنمائی کرو جو اس کی زندگی کو سنوار دے (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ)۔ انفاق اخلاق کے ساتھ ہونا چاہیے (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ۔۔۔خَیۡرٌ مِّنۡ صَدَقَۃٍ)۔ فقیر سے اچھے انداز سے بات چیت کرنا اس کے دل کی راحت اور اس میں رشد و ترقی کا سبب بنے گا جبکہ منت چڑھاتے ہوئے صدقہ دینے سے کچھ بھی حاصل نہ ہوگا (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ۔۔۔خَیۡرٌ مِّنۡ صَدَقَۃٍ)۔ اگر فقیر اپنی تنگدستی اور پریشانی کی وجہ سے کچھ غیر مناسب جملے کہہ دے تو اسے محسوس نہ کریں (مَغۡفِرَۃٌ)۔ معاشرہ میں جو روایت چل رہی ہو گفتگو اور عمل میں اس کا لحاظ رکھا جائے (قَوۡلٌ مَّعۡرُوۡفٌ)۔

آیت ۲۶۴:

یہ آیت لوگوں کے باطن کو بیان کررہی ہے۔کچھ لوگ ایسے ہیں جو ریاکاری اور دکھاوے کے لیے انفاق کرتے ہیں۔ ان کے عمل کا ظاہر مٹی کی مانند نرم ہے لیکن ان کا باطن پتھر سے بھی زیادہ سخت ہے جس میں کوئی چیز داخل نہیں ہوسکتی۔ منت چڑھانا اور احسان جتا کر فقیر کو اذیت دینا انفاق اور صدقات کے ثواب کو ضائع کردیتا ہے (لَا تُبۡطِلُوۡا)۔ ریاکاری اللہ تعالیٰ اور قیامت پر ایمان نہ ہونے کی نشانی ہے (یُنۡفِقُ مَالَہٗ رِئَآءَ النَّاسِ وَ لَا یُؤۡمِنُ بِاللّٰہِ)۔ انفاق اہم نہیں ہے بلکہ انفاق کرنے والے کا باطنی جذبہ اور اس کی نیت اہم ہے (رِئَآءَ النَّاسِ)۔ منت چڑھانے والا شخص ریاکار اور کافر ہے اور کافر برباد و تباہ ہے(فَمَثَلُہٗ) کی تعبیر تین گروہوں پر لاگو ہے۔ ریا کار آخر کار رسوا ہوگا، حوادث اور پیش آمدہ حالات حقائق کوکھول دیتے ہیں (فَتَرَکَہٗ صَلۡدًا)۔ ریا کار نہ فقط اخروی ثواب سے محروم ہوتا ہے بلکہ روحانی کمال اور ارتقا سے بھی محروم رہ جاتا ہے (لَا یَقۡدِرُوۡنَ عَلٰی شَیۡءٍ)کچھ بھی اسے نصیب نہیں ہوتا۔ منت چڑھانے والا اور ریاکار کفر کےدائرہ میں آتا ہے(لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 265 تا 269
وَمَثَلُ ٱلَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمۡوَٰلَهُمُ ٱبۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ ٱللَّهِ وَتَثۡبِيتٗا مِّنۡ أَنفُسِهِمۡ كَمَثَلِ جَنَّةِۭ بِرَبۡوَةٍ أَصَابَهَا وَابِلٞ فَـَٔاتَتۡ أُكُلَهَا ضِعۡفَيۡنِ فَإِن لَّمۡ يُصِبۡهَا وَابِلٞ فَطَلّٞۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ بَصِيرٌ ٢٦٥ أَيَوَدُّ أَحَدُكُمۡ أَن تَكُونَ لَهُۥ جَنَّةٞ مِّن نَّخِيلٖ وَأَعۡنَابٖ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُ لَهُۥ فِيهَا مِن كُلِّ ٱلثَّمَرَٰتِ وَأَصَابَهُ ٱلۡكِبَرُ وَلَهُۥ ذُرِّيَّةٞ ضُعَفَآءُ فَأَصَابَهَآ إِعۡصَارٞ فِيهِ نَارٞ فَٱحۡتَرَقَتۡۗ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ ٱللَّهُ لَكُمُ ٱلۡأٓيَٰتِ لَعَلَّكُمۡ تَتَفَكَّرُونَ ٢٦٦ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ أَنفِقُواْ مِن طَيِّبَٰتِ مَا كَسَبۡتُمۡ وَمِمَّآ أَخۡرَجۡنَا لَكُم مِّنَ ٱلۡأَرۡضِۖ وَلَا تَيَمَّمُواْ ٱلۡخَبِيثَ مِنۡهُ تُنفِقُونَ وَلَسۡتُم بِـَٔاخِذِيهِ إِلَّآ أَن تُغۡمِضُواْ فِيهِۚ وَٱعۡلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللَّهَ غَنِيٌّ حَمِيدٌ ٢٦٧ ٱلشَّيۡطَٰنُ يَعِدُكُمُ ٱلۡفَقۡرَ وَيَأۡمُرُكُم بِٱلۡفَحۡشَآءِۖ وَٱللَّهُ يَعِدُكُم مَّغۡفِرَةٗ مِّنۡهُ وَفَضۡلٗاۗ وَٱللَّهُ وَٰسِعٌ عَلِيمٞ ٢٦٨ يُؤۡتِي ٱلۡحِكۡمَةَ مَن يَشَآءُۚ وَمَن يُؤۡتَ ٱلۡحِكۡمَةَ فَقَدۡ أُوتِيَ خَيۡرٗا كَثِيرٗاۗ وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّآ أُوْلُواْ ٱلۡأَلۡبَٰبِ ٢٦٩
ترجمہ
وہ لوگ جواللہ کی رضا اور اپنی روح کی نشو نما کے لیے اپنے اموال سے انفاق کرتے ہیں تو ان کی مثال اس باغ کی ہے جو بلند چوٹی پر ہو اور اس پرموسلادھار بارش برسے اور چند برابر پھل دیتا ہے اگر موسلادھار بارش نہ برسے (ہلکی بارش اور شبنم اسے پہنچے) تو وہ باغ ہمیشہ شاداب رہے، جو کچھ تم انجام دیتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۶۵) کیا تم سے کوئی ہے جو اسے پسند کرے کہ اس کے لیے انگور اور کھجور کا باغ ہو اور اس باغ کے درختوں کے نیچے سے نہریں گزریں اور اس کے لیے اس باغ میں ہر قسم کا میوہ موجود ہو جبکہ وہ بڑھاپے کو پہنچ چکا ہو اور اس کے ناتوان بچے ہوں اور ناگہاں یہ باغ ایک ایسے بگولے کی زد میں آجائے جس میں آگ ہو اور وہ جل جائے؟ اللہ یوں تمہارے لیے نشانیاں کھول کر بیان کرتا ہے شاید تم غور و فکر کرو۔(۲۶۶) اے ایمان والو! جو پاکیزہ اموال کو حاصل کرچکے ہو اور ہم نے جو کچھ تمہارے لیے زمین سے اگایا ہے اس سے انفاق کرو اور انفاق کے لیے ناپاک اور گھٹیا چیزوں کی طرف مت جاؤ جبکہ تم خود ان کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے مگر وہ جس سے تم چشم پوشی کرلو اور تم ناچار ہو، یہ جان لو کہ اللہ بے نیاز اور تعریف کے لائق ہے۔(۲۶۷) شیطان تمہیں فقر اور تنگدستی سے ڈراتا ہے اور تمہیں برائی کی طرف بلاتا ہے لیکن اللہ اپنی جانب سے تمہیں بخشش کا وعدہ دیتا ہے اور بڑھاتا بھی ہے، اللہ وسعت دینے والا اور دانا ہے۔(۲۶۸) وہ جسے چاہتا ہے حکمت عطا فرماتا ہے اور جس کسی کو حکمت دی گئی ہو تو اسے بہت زیادہ خیر دے دی گئی ہے لیکن عقلمندوں کے سواء کوئی نصیحت نہیں لیتا۔(۲۶۹)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۶۵:

اگر ہدف اللہ تعالیٰ کی رضا، ہدایت اور روحانی کمال حاصل کرنا ہو تو انسان کے اعمال باثمر ہوتے ہیں (ابۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ اللّٰہِ۔۔۔فَاٰتَتۡ اُکُلَہَا ضِعۡفَیۡنِ)۔ اخلاص آسانی سے ہاتھ میں نہیں آتا بلکہ اس کو پانے کے لیے پوری سنجیدگی سے سعی و تلاش کرنا پڑتا ہے (ابۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ اللّٰہِ)۔ اگر ہمارا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا ہو تو ہم نورانی جلوؤں سے محروم نہ ہوں گے، معاشرہ میں مخلص افراد کا احترام ریاکاروں اور دکھاوے کےلیے کام کرنے والوں سے زیادہ ہے (جَنَّۃٍۭ بِرَبۡوَۃٍ)خالص اور ہر قسم کے نام و نمود اور ریاکاری سے پاک انفاق اس کھیت کی مانند ہے جو پہاڑ کے دامن میں یا دریا سے اوپر کی زمین میں ہوتا ہے کہ سب لوگ اسے دیکھ کر محظوظ ہوتے ہیں۔ تمام تر سہولیات اور اختیارات سے استفادہ کرنا اہم ہے، یہ اہم نہیں کہ بارش آہستہ آہستہ برس رہی ہو یا تیز اور موسلادھار ہو اہم یہ ہے کہ زمین بارش کے پانی کو اپنے اندر جذب کرلے (فَاِنۡ لَّمۡ یُصِبۡہَا وَابِلٌ فَطَلٌّ)۔

آیت ۲۶۶:

جب انسان بوڑھا ہوجائے اور عیال بھی رکھتا ہو تو اس کی پیداواری صلاحیت ختم ہو جاتی ہے جبکہ اس وقت اس کی ضروریات زیادہ ہوتی ہیں۔ ایسی صورت میں اگر اس کی پیداواری صلاحیت بھی ختم ہوجائے تو وہ ذلیل و خوار ہوجاتا ہے۔ قیامت کے دن ایک طرف انسان کے پاس عمل صالح انجام دینے کی طاقت اور اختیار نہ ہو گی۔ دوسری طرف اس کی ضرورت بے حد بڑھ چکی ہوگی، ایسی صورت میں اگر اس کی نیکیاں ریاکاری اور دوسروں پر منت چڑھانے کی وجہ سے محو اور ختم ہوچکی ہوں تو اس کے لیے اس سے بڑھ کر ذلت کیا ہوگی؟ کھجور اور انگور تمام پھلوں میں مفید ترین پھل ہیں، قرآن مجید میں ان دو کا بار بار نام آیا ہے جو ان کی اہمیت کو بتا رہا ہے۔ پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: (لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ) کہو، (لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ) کہنے والے کے لیے جنت میں ایک درخت لگادیا جاتا ہے۔ ایک آدمی نے اٹھ کر عرض کیا: اس طرح تو جنت میں ہمارے بہت سارے درخت ہوں گے۔ آنحضرتﷺ نے فرمایا: جی ہاں! ٹھیک کہتے ہو لیکن شرط یہ ہے کہ ان کو جلانے کے لیے آگ نہ بھیجنا جو ان سب کو جلا کر راکھ کردے(گناہ آگ ہے جو نیکی کو جلا دیتی ہے)۔ قدرتی مناظر سے مثال پیش کرو کہ ان مثالوں کو زمانہ، جگہ اور نسل ختم نہیں کرتی نہ ہی ان کااثر تبدیل ہوتا ہے (جَنَّۃٌ مِّنۡ نَّخِیۡلٍ وَّ۔۔۔)۔ انفاق کرنے کے بعد منت چڑھانا اور اذیت دینا اس آندھی کی مانند ہے جو سر سبز باغ کو ویران کردیتی ہے اور اس آگ کی مانند ہے جو سرسبز باغ کو لگ جائے (فَاحۡتَرَقَتۡ)۔ ترقی و ہدایت پانا تدریجی عمل ہے لیکن تخریب، ویرانی اور عمل کا ضائع ہوجانا ایک لمحہ میں ہوجاتا ہے (فَاَصَابَہَاۤ اِعۡصَارٌ فِیۡہِ نَارٌ فَاحۡتَرَقَتۡ)۔ قرآنی مثالیں فکر کرنے اور سوچنے والوں کے لیے ہیں (لَعَلَّکُمۡ تَتَفَکَّرُوۡنَ)۔

آیت ۲۶۷:

سابقہ آیات میں انفاق کرنے والوں کی شرائط بیان ہوئیں، اس آیت میں ان چیزوں کو بیان کیا گیا ہے جن کے ذریعہ محروم طبقات کی مدد کی جائے۔ امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: کچھ مسلمان سود سے حاصل شدہ مال فقراء پر خرچ کرتے تھے، اس آیت میں مال حرام سے فقراء کی مدد کرنے سے روکا گیا ہے۔ انفاق کا مقصد بخل و کنجوسی سے نجات ہے، بے قدر و بے حیثیت چیزوں سے چھٹکارا حاصل کرنا مقصود نہیں (اَنۡفِقُوۡا مِنۡ طَیِّبٰتِ مَا کَسَبۡتُمۡ)۔ بخشش اور عطیہ اس سے نہ دینا جو زحمت کے بغیر ہاتھ میں آیا ہے بلکہ اس مال سے دینا ہے جسے مشقت سے حاصل کیا گیا ہو (مَا کَسَبۡتُمۡ)۔ انفاق میں محروموں کی عزت و کرامت محفوظ ہو (وَ لَا تَیَمَّمُوا الۡخَبِیۡثَ)۔ انسان کا وجدان پسندیدہ عمل کی پہچان کا بہترین وسیلہ ہے، ناپسندیدہ عمل کو وجدان و ضمیر سے جان سکتے ہیں، جو تمہاری اپنی پسند ہے اسی سے خرچ کرو، جسے تم پسند نہیں کرتے ہو وہ انفاق کے لائق نہیں (لَسۡتُمۡ بِاٰخِذِیۡہِ اِلَّاۤ اَنۡ تُغۡمِضُوۡا فِیۡہِ)۔ ہر مالدار یہ احتمال دے کہ کبھی وہ بھی فقیر بن سکتا ہے، ہو سکتا ہے آج جو تمہارا دینےوالا ہاتھ ہے کل یہی ہاتھ لینےوالا ہو (بِاٰخِذِیۡہِ)۔ فقراء کا ناپسندیدہ مال کو لے لینا اس بات کی نشانی نہیں کہ وہ اس سے خوش ہیں بلکہ یہ ان کے استحصال کی نشانی ہے۔ بعض دفعہ تم بھی چشم پوشی کرتے ہو ئے ہوسکتا ہے کسی چیز کو دوسرے سے لے لو (تُغۡمِضُوۡا) لیکن یہ اس بات کی دلیل نہیں کہ تم دل سے راضی ہو، اللہ تعالٰی انفاق کئے ہوئے مال کو خود تمہاری طرف پلٹاتا ہے وگرنہ اللہ تعالیٰ تو غنی و بے نیاز ہے (اَنَّ اللّٰہَ غَنِیٌّ حَمِیۡدٌ)۔

آیت ۲۶۸:

جب انسان انفاق کرنا چاہتا ہے تو شیطان اس کے پاس آتا ہے اور اس کے دل میں یہ بات ڈالتا ہے کہ اگر تم آج انفاق کرو گے تو کل تم اس مال کے محتاج ہوگے، بہتر ہے کہ اپنے مال کو ضرورت کے وقت کے لیے ذخیرہ کر لو تاکہ بیماری اور ضرورت کے وقت اس سے فائدہ اٹھاؤ۔ یہ شیطانی وسوسے اور جھوٹے وعدے ہیں، ان پر کان مت دھرو۔ ہماری ضرورت کل قیامت کے دن اللہ تعالٰی سے مغفرت لینا ہے۔یہ ضرورت مستقبل میں پیش آنے والی دنیاوی زندگی کی ضروریات سے کئی درجہ زیادہ اور بڑی ہے۔ خبردار کہ آخرت کی آسائش اور آرام کے بدلے کبھی بھی دنیا کی آسائش اور آرام کا سودا نہ کرنا کیونکہ ان دونوں کا ایک دوسرے کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جاسکتا اس کی وجہ یہ ہے کہ: ۱۔ ہوسکتا ہے انسان بڑھاپے کی عمر تک پہنچنے سے پہلے ہی مر جائے، یا بڑھاپے کی عمر کو پہنچ جائے لیکن محتاج نہ ہو جبکہ قیامت میں اس کی ضرورت اور حاجت یقینی اور حتمی ہے۔ ۲۔ ہوسکتا ہے کہ جس مال کو اپنے مستقبل کے لیے ذخیرہ کر رکھا ہے یہ مال باقی نہ رہے اور ضائع ہوجائے یا چوری ہوجائے لیکن آج کا انفاق یقینی اور حتمی طور پر کل قیامت کے لیے موجود اور باقی رہے گا۔ ۳۔ ہوسکتا ہے کہ جس مال کو انسان اپنے مستقبل کے لیے ذخیرہ کرلیتا ہے وہ مستقبل میں اس مال سے استفادہ کرنے کے قابل نہ ہو جبکہ قیامت کے دن انفاق سے فائدہ اٹھانا یقینی ہے۔ ۴۔ دنیاوی زندگی کے مستقبل کے لیےذخیرہ کئے گئے مال سے استفادہ وقتی اور عارضی ہے جبکہ انفاق کئے گئے مال سے استفادہ ابدی ہے۔ شیطان انسان کو اس کے پسندیدہ مال سے انفاق کرنے سے روکتا ہے (اَنۡفِقُوۡا مِنۡ طَیِّبٰتِ۔۔۔ اَلشَّیۡطٰنُ یَعِدُکُمُ الۡفَقۡرَ۔۔۔)۔ انسان اللہ تعالیٰ کے راستہ اور شیطان کے راستہ میں سے ایک کا انتخاب کرنے میں آزاد ہے (اَلشَّیۡطٰنُ یَعِدُکُمُ ۔۔۔وَ اللّٰہُ یَعِدُکُمۡ)۔ انسان کے وہ دوست احباب جو اسے انفاق کرنے سے روکتے ہیں اور مستقبل سے ڈراتے ہیں وہ شیطان کے کارندے ہیں (اَلشَّیۡطٰنُ یَعِدُکُمُ)۔ فقر اور فحاشی کے درمیان تعلق اور رابطہ ہے (یَعِدُکُمُ الۡفَقۡرَ وَ یَاۡمُرُکُمۡ بِالۡفَحۡشَآءِ)۔ انفاق مال میں اضافہ اور گناہوں کی بخشش کا سبب ہے(اَنۡفِقُوۡا۔۔۔اللّٰہُ یَعِدُکُمۡ مَّغۡفِرَۃً مِّنۡہُ وَ فَضۡلًا)۔ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور شیطانی وسوسوں کا مقابلہ کریں، فقر کے ڈر کے سامنے اللہ تعالیٰ کے فضل اور اس کی مہربانی کو یاد رکھیں (مَغۡفِرَۃً مِّنۡہُ وَ فَضۡلًا)۔ ہر وہ سوچ اور وہم و خیال جو تمہارے لیے تنگ نظری، خوف اور منفی اثرات لانے کا سبب بنے وہ شیطانی ہے اور ہر وہ سوچ جو تمہارے اندر توکل، آگے بڑھنےاور وسعت قلبی کا سبب بنے وہ الٰہی سوچ ہے (وَ اللّٰہُ یَعِدُکُمۡ مَّغۡفِرَۃً مِّنۡہُ وَ فَضۡلًا)۔

آیت ۲۶۹:

(اَلۡبَاب) لُب کی جمع ہے جو مغز کے معنی میں ہے۔ تمام انسانوں کو اولوالالباب نہیں کہا جاتا بلکہ فقط ان افراد کو عقلمند (اُولُوا الۡاَلۡبَاب) کہا جاتا ہے جو اپنی عقل کو استعمال کرتے ہیں اور زندگی کے اصلی راستہ اور سعادت کو پا لیتے ہیں۔ کائنات کے اسرار کو پہچاننے اور حقائق بارے آگہی حاصل کرنے اور حق تک پہنچنے کے ذریعہ کو حکمت کہا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ بعض افراد کو ان کی پاکیزگی،تقویٰ اور محنت و جدوجہد کے نتیجہ میں حکمت عطا فرماتا ہے تاکہ شیطانی وسوسوں کو الٰہی الہامات کے وسیلہ سے پہچان لیں، گڑھے کو ہموار راستہ سے جدا کرسکیں، نعرہ کو شعور اور حقیقت سے تشخیص دے سکیں، یہی خیر کثیر ہے۔ احادیث میں ہے کہ حکمت دین میں تفقہ اور اس کی معرفت حاصل کرنا ہے۔ حکمت اللہ تعالیٰ کی اطاعت، امام کی معرفت اور گناہوں سے پرہیز کرنا ہے۔ اگرچہ مال و ثروت خیر کثیر ہے لیکن خیر کثیر کی تشخیص دینے کی قدرت رکھنا اور اس خیر کثیر سے انفاق کرنے والا ہی خیر کثیر کو پا لیتا ہے (اَنۡفِقُوۡا مِنۡ طَیِّبٰتِ ۔۔۔ یُؤۡتِی الۡحِکۡمَۃَ)۔ شیطان فقر کا وعدہ دیتا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ مغفرت اور فضل کا وعدہ دیتا ہے، ان میں سے ہر ایک کی تشخیص اور اسے پہچاننے کے لیے حکمت کی ضرورت ہے (یُؤۡتِی الۡحِکۡمَۃَ)۔ پوری دنیا متاع قلیل ہے (مَتَاعُ الدُّنْیَا قَلِیلٌ)’’انبیاء، ۷۷‘‘ لیکن حکمت خیر کثیر ہے۔ اگر تمام مادی وسائل کو حکمت کے حصول اور صحیح سوچ کے مالک ہونے پر خرچ کردیں تو اس کی قدر و قیمت ہے (فَقَدۡ اُوۡتِیَ خَیۡرًا کَثِیۡرًا)۔ حکمت تمام خیرات کی اصل ہے، جس کے پاس حکمت ہوگی تو اس کے پاس بہت زیادہ خیرات آجاتی ہیں (وَ مَنۡ یُّؤۡتَ الۡحِکۡمَۃَ فَقَدۡ اُوۡتِیَ خَیۡرًا کَثِیۡرًا)۔ ہر شخص حکمت کی اہمیت کو سمجھ نہیں سکتا(وَ مَا یَذَّکَّرُ اِلَّاۤ اُولُوا الۡاَلۡبَابِ)مال کےلالچی اور دنیا پرست جو مادی حیات پر بھروسہ کرتے ہیں وہ تمام نفع و نقصان کو مادی معیارات پر پرکھتے ہیں جبکہ دوراندیش اورعقلمند راستہ کی تشخیص دینے والے دانشمند دوسرے معیارات پر حالات کا جائزہ لیتے ہیں۔ اس لیے اس آیت میں ان کا حوالہ دیا گیا ہے۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 270 تا 274
وَمَآ أَنفَقۡتُم مِّن نَّفَقَةٍ أَوۡ نَذَرۡتُم مِّن نَّذۡرٖ فَإِنَّ ٱللَّهَ يَعۡلَمُهُۥۗ وَمَا لِلظَّٰلِمِينَ مِنۡ أَنصَارٍ ٢٧٠ إِن تُبۡدُواْ ٱلصَّدَقَٰتِ فَنِعِمَّا هِيَۖ وَإِن تُخۡفُوهَا وَتُؤۡتُوهَا ٱلۡفُقَرَآءَ فَهُوَ خَيۡرٞ لَّكُمۡۚ وَيُكَفِّرُ عَنكُم مِّن سَيِّـَٔاتِكُمۡۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ خَبِيرٞ ٢٧١ ۞ لَّيۡسَ عَلَيۡكَ هُدَىٰهُمۡ وَلَٰكِنَّ ٱللَّهَ يَهۡدِي مَن يَشَآءُۗ وَمَا تُنفِقُواْ مِنۡ خَيۡرٖ فَلِأَنفُسِكُمۡۚ وَمَا تُنفِقُونَ إِلَّا ٱبۡتِغَآءَ وَجۡهِ ٱللَّهِۚ وَمَا تُنفِقُواْ مِنۡ خَيۡرٖ يُوَفَّ إِلَيۡكُمۡ وَأَنتُمۡ لَا تُظۡلَمُونَ ٢٧٢ لِلۡفُقَرَآءِ ٱلَّذِينَ أُحۡصِرُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ لَا يَسۡتَطِيعُونَ ضَرۡبٗا فِي ٱلۡأَرۡضِ يَحۡسَبُهُمُ ٱلۡجَاهِلُ أَغۡنِيَآءَ مِنَ ٱلتَّعَفُّفِ تَعۡرِفُهُم بِسِيمَٰهُمۡ لَا يَسۡـَٔلُونَ ٱلنَّاسَ إِلۡحَافٗاۗ وَمَا تُنفِقُواْ مِنۡ خَيۡرٖ فَإِنَّ ٱللَّهَ بِهِۦ عَلِيمٌ ٢٧٣ ٱلَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمۡوَٰلَهُم بِٱلَّيۡلِ وَٱلنَّهَارِ سِرّٗا وَعَلَانِيَةٗ فَلَهُمۡ أَجۡرُهُمۡ عِندَ رَبِّهِمۡ وَلَا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ٢٧٤
ترجمہ
وہ مال جسے تم نے انفاق کیا ہے یا تم نے کوئی نذر و منت مانی ہے تو اللہ یقینی طور پر اسے جانتا ہے، ظالموں کے لیے کوئی مددگار نہیں۔(۲۷۰) اگر صدقات کو آشکار دو تو یہ کام اچھا ہے لیکن اگر ان صدقات کو پوشیدہ طور پر حاجت مندوں کو دیتے ہو تو یہ تمہارے لیے بہتر ہے اور یہ آپ کے کچھ گناہوں کا کفارہ بنتے ہیں، جو تم انجام دیتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۷۱) ان کا ہدایت کو لے لینا تمہارے ذمہ نہیں ہے، اللہ جسے چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے جو مال تم انفاق کرتے ہو وہ خود تمہارے (فائدہ کے) لیے ہے، اللہ کی رضا حاصل کرنے کی نیت کے بغیر تم انفاق نہ کرو، جو مال تم انفاق کرتے ہو تو اس کا ثواب پورا پورا حاصل کرو گے اور تمہارے اوپر ظلم نہ کیا جائے گا۔(۲۷۲) (انفاق اور صدقہ) ان حاجت مندوں کے لیے ہے جو اللہ کے راستے میں تنگی میں ڈال دئے گئے ہیں (وطن سے نکال دئے گئے ہیں یا محاذ جنگ پر ہیں اور اخراجات کو پورا کرنے کے لیے) سفر نہیں کرسکتے، جاہل لوگ ان کی پاکدامنی کی وجہ سے انہیں مالدار خیال خیال کرتے ہیں( کہ انہیں کچھ ضرورت نہیں ہے) تم انہیں ان کے چہروں سے پہچانتے ہو وہ کبھی اصرار کر کے لوگوں سے کچھ نہیں مانگتے، آپ جو بھی انفاق کرو یقیناً خدا اس سے آگاہ ہے۔(۲۷۳) جو لوگ اپنے اموال کو رات یا دن کو پوشیدہ طور پر یا آشکار انفاق کرتے ہیں ان کا اجر ان کے رب کے پاس ہے، ان کے لیے خوف نہیں ہے اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔(۲۷۴)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۷۰:

اللہ تعالیٰ ہمارے انفاق سے باخبر ہے اس لیے ہمیں اپنے مال کو بہترین اور بلند ترین اہداف کے لیے خرچ کرنا چاہ یے(مَاۤ اَنۡفَقۡتُمۡ ۔۔۔فَاِنَّ اللّٰہَ یَعۡلَمُہٗ)۔ انفاق کرنا صرف ان لوگوں پر لازم نہیں جن کے پاس مال و دولت زیادہ ہو بلکہ جن کے پاس مال کم ہو انہیں بھی انفاق کرنا چاہیے (مِنۡ نَّفَقَۃٍ) بعض دفعہ پانی کے حوض میں موسم خزاں کا گرا ہوا ایک زرد پتہ کتنی زیادہ چیونٹیوں کے لیے نجات کی کشتی بن جاتا ہے۔ اس بات پر ایمان کہ اللہ تعالیٰ جانتا ہے انفاق کرنے اور نذر اور منت کو پورا کرنے کے لیے بہترین حوصلہ افزائی ہے (فَاِنَّ اللّٰہَ یَعۡلَمُہٗ)۔ نیکی کی ترغیب دلانا اور برائی سے خبردار کرنا دونوں اکٹھے رشد و ہدایت کا سبب بنتے ہیں (فَاِنَّ اللّٰہَ یَعۡلَمُہٗ)کا جملہ ترغیب دلانے کے لیے اور(مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ اَنۡصَارٍ)خبردار کرتا ہے کہ جو انفاق نہیں کرتے وہ ظالم ہیں۔ نذر اور منت کو پورا کرنا واجب ہے اور اسے پورا نہ کرنا ظلم ہے (نَذَرۡتُمۡ۔۔۔مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ)۔ محروموں پر ظلم و زیادتی کرنےوالے کا کوئی مددگار نہیں ( وَ مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ اَنۡصَارٍ)۔ جب اللہ تعالیٰ کا غضب (عذاب کی شکل میں) آتا ہے تو اس میں نہ مال کام آتا ہے اور نہ ہی لوگوں سے کوئی فائدہ پہنچا سکتا ہے ( وَ مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ اَنۡصَارٍ)۔ سزا جرم کے مطابق ہوا کرتی ہے، جو شخص انفاق کے ذریعہ دوسروں کا مددگار اور ناصر نہیں تو آخرت میں دوسرے لوگ اس کے یاور و مددگار نہیں ہوں گے ( وَ مَا لِلظّٰلِمِیۡنَ مِنۡ اَنۡصَارٍ)۔

آیت ۲۷۱:

امام محمد باقر علیہ السلام نے اس آیت کے ذیل میں فرمایا:واجب زکات کو علنی اور آشکار طور پر دو لیکن مستحب زکات کو پوشیدہ طریقہ سے دو۔ اگرچہ یہ آیت مالی امدادات کے متعلق ہے لیکن اسلامی ثقافت میں ہر نیکی کے کام کوصدقہ کہا گیا ہے یہاں تک کہ راستہ پر پڑے ہوئے پتھر کو ہٹانا بھی صدقہ ہے، محروموں کی علمی امداد کرنا بھی صدقہ ہے، کسی کو اپنا ہنر سکھانا اور دوسروں کی عزت و آبرو بچانا بھی صدقہ ہے۔ علنی انفاق دوسروں کو انفاق کی ترغیب دلانے کا سبب بنتا ہےاور انسان سے بخیل ہونے کی تہمت کو دور کرنے کا وسیلہ ہے نیز یہ ایک طرح کی عملی تبلیغ ہے (فَنِعِمَّا ہِیَ)۔ اگرچہ زکات اور صدقہ کے بہت سارے مصارف ہیں لیکن آیت میں فقراء کا نام لیا جانا ان کی اولویت اور دوسرے مصارف پر ان کی ترجیح کو بیان کرتا ہے (تُؤۡتُوۡہَا الۡفُقَرَآءَ)۔ مالداروں کو چاہیے کہ وہ فقرا ء کی جستجو میں جائیں نہ کہ فقراء ان کی تلاش میں آجائیں(تُؤۡتُوۡہَا الۡفُقَرَآءَ) یہ نہیں فرمایا: (یاتکم الفقراء)۔ پوشیدہ طریقہ سے انفاق کرنا ریاکاری اور خود نمائی سے دوری اور اخلاص کے زیادہ قریب ہے نیز اس طرح کا صدقہ امداد لینے والے کی عزت و آبرو کی حفاظت کرتاہے (فَہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ)۔ ہر انسان میں منفعت طلبی اور خیرخواہی کی حس موجود ہے۔ تاہم بعض دفعہ مصداق کی تلاش میں وہ شر اور برائی کی طرف چلا جاتا ہے،۔ اس لیے پیغمبراکرمﷺ نے حدیث میں خیر اور بہتری کے مصادیق کو بیان فرمایا ہے۔ فقراء کی مدد انسان کے گناہان صغیرہ میں سے کچھ کا کفارہ بنتا ہے (یُکَفِّرُ عَنۡکُمۡ مِّنۡ سَیِّاٰتِکُمۡ) قرآن مجید میں (سَیِّاٰتِ)کی تعبیر، گناہان کبیرہ کے مقابل میں آئی ہے، گناہان صغیرہ کو (سیئات) کہا جاتا ہے جو (سیئہ) کی جمع ہے’’نساء۳۱‘‘۔ انفاق کے حوالے سے جو بات اہم ہے وہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ آگاہ ہے، اس حوالے سے لوگوں کی آگہی اور علم اہمیت نہیں رکھتا (وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ خَبِیۡرٌ)۔

آیت ۲۷۲:

تفاسیر میں اس آیت کے مختلف شان نزول بیان ہوئے ہیں۔ اس آیت کے مضمون سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلمان غیر مسلم اور مشرک فقراء کو صدقات و خیرات نہیں دیتے تھے۔ اس بارے کچھ شک میں تھے کہ ان کی مدد کریں یا نہ کریں۔ انہوں نے اس بارے رسول خداﷺ سے سوال کیا تو یہ آیت نازل ہوئی جس میں بتایا گیا کہ غیر مسلم فقراء کی بھی مدد کی جائے۔ پیغمبراکرمﷺ اور ائمہ اہل بیت علیہم السلام کی عملی سیرت میں ایسی امداد کے بہت سارے نمونے موجود ہیں جن میں غیر مسلم فقراء کی مدد کو دیکھا جاسکتا ہے۔ بلکہ انہوں نے ایسے افراد کو بھی امداد دی جنہوں نے ان کے ساتھ گستاخی کی یا انہیں گالیاں دی، آپ ایسے افراد کے بھی ہمدرد نظر آتے ہیں اور ان کے بارے بھی مہربان نظر آتے ہیں۔ مالی بحران اور انفاق نہ کرنے کو کفار کے ایمان لانے کا وسیلہ قرار نہ دو، یعنی یہ سوچ کر کہ کافروں پر معاشی دباؤ بڑھائیں اور ان کی مالی مشکلات حل نہ کریں تو وہ اس مشکل سے نکلنے کے لیے مسلمان ہوجائیں گے، اسلام میں ایسی سوچ اور اس طرح کے اقدام سے منع کیا گیا ہے(لَیۡسَ عَلَیۡکَ ہُدٰىہُمۡ ۔۔۔ وَ مَا تُنۡفِقُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ فَلِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ ہدایت، الٰہی توفیق سے ملتی ہے، فقط وہی لوگ ہدایت پاتے ہیں جن کے دل اسے قبول کرنے پر آمادہ ہوں (یَہۡدِیۡ مَنۡ یَّشَآءُ)۔ محروموں پر نظر رکھنا اور ان کے مالی مسائل کو حل کرنا انسانی فرائض میں سے ایک ہے خواہ وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم، لہذا غیر مسلموں پر بھی انفاق کیا جائے (وَ مَا تُنۡفِقُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ فَلِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ اسلام، انسان دوستی کا مکتب ہے، لہذا فقر و تنگدستی غیر مسلموں کے لیے بھی پسند نہیں کرتا (وَ مَا تُنۡفِقُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ فَلِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ انفاق کا فائدہ خود آپ کے لیے ہے، تمہارے اندر سخاوت کی حالت کو زندہ کرتا ہے، انفاق کے ذریعہ طبقاتی اختلافات کو ختم کیا جاسکتا ہے،معاشرہ میں نامناسب حالات پیدا ہونے سے روکا جاسکتا ہے، یہ سب تمہاری اپنی حفاظت کے لیے ہے (فَلِاَنۡفُسِکُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور کے لیے انفاق نہ کرو کیونکہ انفاق کے جتنے دنیاوی فوائد اور اثرات ہیں وہ جلد یا بدیر ختم ہوجائیں گے لیکن اگر انفاق اللہ تعالیٰ کے لیے ہو گا تو اس کے فوائد ابد تک باقی رہیں گے (اِلَّا ابۡتِغَآءَ وَجۡہِ اللّٰہِ)۔ مال و ثروت خیر ہے (مَا تُنۡفِقُوۡا مِنۡ خَیۡرٍ)مال برا نہیں بلکہ انسان مال کو برائی پر خرچ کرکے اسے شر اور برا بنا دیتا ہے۔ انفاق کرنے میں آپ کا دل اور آپ کا ہاتھ کھلا ہونا چاہیے کیونکہ جو تم انفاق کرو گے وہ بغیر کمی بیشی کے واپس ملے گا (یُوَفَّ اِلَیۡکُمۡ)۔

آیت ۲۷۳:

تفاسیر کے مطابق یہ آیت اصحاب صفہ کے بارے ہے جو مکہ سے ہجرت کرکے مدینہ آئے تھے۔ مدینہ میں ان کے لیے گھر اور آشیانہ نہ تھا۔ پیغمبراکرمﷺ نے مسجد کے قریب ان کے لیے ایک بڑا چبوترہ بنا دیا تھا جس میں مکہ سے آنے والے یہ افراد رہائش پذیر تھے۔ یہ لوگ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کے لیے تیار رہتے تھے۔ دولتمندوں کے مال میں فقراء کا حصہ ہے (لِلۡفُقَرَآءِ)۔ ان افراد پر خصوصی توجہ دی جائے جو اللہ کی راہ میں جہاد کرتے ہیں، سرکش اور ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان ظالم حکمرانوں نے انہیں جیل میں رکھا ہے یا انہیں بے گھر یا جلا وطن کردیا ہے اور وہ تمام افراد جو اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرنے کے نتیجہ میں فقیر ہوئے ہیں(اُحۡصِرُوۡا فِیۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ لَا یَسۡتَطِیۡعُوۡنَ ضَرۡبًا)۔ جو لوگ سفر کر کے یا ہجرت کے ذریعہ کسی اور جگہ جاکر اپنی زندگی کی ضروریات کو پورا کرسکتے ہیں تو وہ لوگوں کی طرف سے انفاق کے انتظار میں نہ رہیں(لَا یَسۡتَطِیۡعُوۡنَ ضَرۡبًا فِی الۡاَرۡضِ)۔ اللہ تعالیٰ پاکدامن اور آبرومند فقراء کی تعریف کررہا ہے (یَحۡسَبُہُمُ الۡجَاہِلُ اَغۡنِیَآءَ)۔ یہ گمنام اور محترم فقراء دوسروں پر مقدم ہیں (تَعۡرِفُہُمۡ بِسِیۡمٰہُمۡ)۔ اگر آپ مشکل میں ہوں اور ضرورت مند ہوں تب بھی سوال کے لیے ہاتھ مت پھیلاؤ (لَا یَسۡـَٔلُوۡنَ النَّاسَ اِلۡحَافًا)بھیک مانگنا برا عمل ہے۔

آیت ۲۷۴:

شیعہ اور اہل سنت تفاسیر میں ہے کہ یہ آیت حضرت علی علیہ السلام کی شان میں نازل ہوئی ہے۔ آپ کے پاس صرف چار درہم موجود تھے۔ ان میں سے ایک درہم کو دن میں، ایک کو رات میں، ایک کو مخفیانہ اور ایک کو آشکار اللہ تعالیٰ کی راہ میں انفاق کردیا۔ شاید (الَّیۡل) کو (النَّہَارِ) پر اور (سِرًّا) کو (عَلَانِیَۃً) پر اس لیے مقدم کیا ہو کہ پوشیدہ اور رات کی تاریکی میں کیا گیا انفاق زیادہ قدر والا ہے۔ یہ آیت پچھلی چار آیات کا نتیجہ ہے جو علم کا انفاق، آبرو کا انفاق، واجب انفاق اور مستحب انفاق سب کو شامل ہے۔پچھلی چودہ آیات کا خلاصہ اس آیت میں ہے کہ انفاق کے اثرات کسی پر مخفی نہیں، منجملہ دولت و ثروت میں توازن، طبقاتی اختلاف کا کم ہونا، دلوں میں محبت پیدا ہونا، سخاوت کی صفت کا پروان چڑھنا اور ان سب سے بر تر اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہونا ہے۔ عربی لغت میں ’’انفاق‘‘ گڑھے کو بھرنے کے معنی میں ہے۔ شرعی اصطلاح میں مالی اور اس جیسی کمی اور ادھورے پن کو پورا کرنے کو انفاق کہا جاتا ہے۔ اسلامی نقطہ نظر سے فقراء پر توجہ دینے کا مطلب یہ نہیں کہ اسلام فقر اور غریبی کو پسند کرتا ہے کیونکہ احادیث کی رو سے ضرورت کے بغیر دوسروں سے امداد کی درخوات کرنا قابل مذمت عمل ہے۔ دوسری طرف بیان ہوا ہے کہ انفاق کی بہترین قسم فقراء کو نقد رقم دینے کی بجائے ان کے لیے روزگار کے وسائل فراہم کئے جائیں۔ ایثار اور سخاوت کا جذبہ اہم ہے۔ ایک دو دفعہ فقراء پر مہربانی کرتے ہوئے ان پر انفاق کرنا اہم نہیں، (یُنۡفِقُوۡنَ) فعل مضارع ہے جو استمرار اور جاری رکھنے کے معنی میں ہے۔ اجر الٰہی کی مقدار کا معین نہ ہونا اس کے وسیع ہونے کی نشانی ہے(اَجۡرُہُمۡ)۔ اللہ تعالیٰ کے وعدے نیک کاموں کی ترغیب دلانے کا سبب ہیں (فَلَہُمۡ اَجۡرُہُمۡ)۔ انفاق کے منجملہ برکات میں قلبی سکون، اطمینان اور معاشرہ میں امن و امان کا قیام شامل ہے(لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 275 تا 281
ٱلَّذِينَ يَأۡكُلُونَ ٱلرِّبَوٰاْ لَا يَقُومُونَ إِلَّا كَمَا يَقُومُ ٱلَّذِي يَتَخَبَّطُهُ ٱلشَّيۡطَٰنُ مِنَ ٱلۡمَسِّۚ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمۡ قَالُوٓاْ إِنَّمَا ٱلۡبَيۡعُ مِثۡلُ ٱلرِّبَوٰاْۗ وَأَحَلَّ ٱللَّهُ ٱلۡبَيۡعَ وَحَرَّمَ ٱلرِّبَوٰاْۚ فَمَن جَآءَهُۥ مَوۡعِظَةٞ مِّن رَّبِّهِۦ فَٱنتَهَىٰ فَلَهُۥ مَا سَلَفَ وَأَمۡرُهُۥٓ إِلَى ٱللَّهِۖ وَمَنۡ عَادَ فَأُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ ٢٧٥ يَمۡحَقُ ٱللَّهُ ٱلرِّبَوٰاْ وَيُرۡبِي ٱلصَّدَقَٰتِۗ وَٱللَّهُ لَا يُحِبُّ كُلَّ كَفَّارٍ أَثِيمٍ ٢٧٦ إِنَّ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَعَمِلُواْ ٱلصَّٰلِحَٰتِ وَأَقَامُواْ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتَوُاْ ٱلزَّكَوٰةَ لَهُمۡ أَجۡرُهُمۡ عِندَ رَبِّهِمۡ وَلَا خَوۡفٌ عَلَيۡهِمۡ وَلَا هُمۡ يَحۡزَنُونَ ٢٧٧ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَذَرُواْ مَا بَقِيَ مِنَ ٱلرِّبَوٰٓاْ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ ٢٧٨ فَإِن لَّمۡ تَفۡعَلُواْ فَأۡذَنُواْ بِحَرۡبٖ مِّنَ ٱللَّهِ وَرَسُولِهِۦۖ وَإِن تُبۡتُمۡ فَلَكُمۡ رُءُوسُ أَمۡوَٰلِكُمۡ لَا تَظۡلِمُونَ وَلَا تُظۡلَمُونَ ٢٧٩ وَإِن كَانَ ذُو عُسۡرَةٖ فَنَظِرَةٌ إِلَىٰ مَيۡسَرَةٖۚ وَأَن تَصَدَّقُواْ خَيۡرٞ لَّكُمۡ إِن كُنتُمۡ تَعۡلَمُونَ ٢٨٠ وَٱتَّقُواْ يَوۡمٗا تُرۡجَعُونَ فِيهِ إِلَى ٱللَّهِۖ ثُمَّ تُوَفَّىٰ كُلُّ نَفۡسٖ مَّا كَسَبَتۡ وَهُمۡ لَا يُظۡلَمُونَ ٢٨١
ترجمہ
جو لوگ سود کھاتے ہیں وہ اپنی جگہ سے نہیں اٹھتے مگر ان کی طرح جو شیطان کے چھونے سے اپنا توازن کھو بیٹھتے ہیں یہ (آفت) اس وجہ سے ہے کہ انہوں نے کہا : سود خرید و فروخت کی مانند ہے، جبکہ اللہ نے خرید و فروخت کو جائز قرار دیا ہے اور سود کو حرام قرار دیا ہے، لہذا وہ شخص جس تک اللہ کی جانب سے وعظ (یاددھانی) آجائے تو وہ سودی کاروبار سے دور رہے، جو کچھ اس نے ماضی میں حاصل کررکھا ہے تو وہ مال اسی کا ہے اور اس کا معاملہ خدا کے سپرد ہے لیکن وہ جو سودی کاروبار میں واپس پلٹ جائیں تو وہ لوگ جہنم کی آگ میں ہوں گے اور اس میں ہمیشہ رہیں گے۔(۲۷۵) اللہ سود کو برباد کردے گا لیکن اللہ صدقات کو بڑھا تا ہے، اللہ ناشکرے( کافر) اور گنہگار کو دوست نہیں رکھتا۔(۲۷۶) جو لوگ ایمان لائے ہیں اور نیک اعمال انجام دئے ہیں اور نماز کو قائم کرتے ہیں اور زکات دیتے ہیں تو ان کا اجر اللہ کے پاس محفوظ ہے، نہ تو ان پر کسی قسم کا خوف ہے اور نہ ہی وہ غمگین ہوں گے۔(۲۷۷) اے وہ لوگ جو ایمان لائے ہو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور جو کچھ سود سے باقی بچا ہے اسے چھوڑ دواگر تم ایمان رکھتے ہو۔(۲۷۸) اگر تم ایسا نہیں کرو گے تو اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کی حالت میں آگئے ہو، اگر تم توبہ کر لو تو اصل سرمایہ تو خود تمہارا اپنا ہے، نہ تم ستم کرو اور نہ ہی تمہارے اوپر ستم کیا جائے گا۔(۲۷۹) اور اگر قرض لینے والا تنگدست ہو تو اسے اس وقت تک مہلت دو جب تک اس کو کشائش حاصل ہوجائے اور اگر اس میں قرض واپس کرنے کی قدرت نہیں تو اسے معاف کردو تو یہ تمہارے لیے بہتر ہے اگر تم (اس کےنتائج کو) جانتے ہو۔(۲۸۰) اور اس دن سےڈرو کہ جس دن تم اللہ کی طرف پلٹائے جاؤ گے، پھر ہر ایک کو اس کے کئے کا بدلہ( بغیر کمی بیشی کے) دیا جائے گا، ان پر ستم نہیں کیا جائے گا۔(۲۸۱)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۷۵:

(رِبٰوا) کا معنی قرض دے کر اس سے زیادہ واپس لینا یا کسی جنس کو فروخت کر کے اس کے عوض اسی جنس کو زیادہ وصول کرنا ہے۔ بعض دفعہ انسان قرض دیتا ہے اور جو اس نے قرض دیا ہے اس سے زیادہ واپس لیتا ہے۔ اسے ربوی قرض کہا جاتا ہے’’سودی قرض‘‘ بعض دفعہ انسان جنس دیتا ہے جیسے گندم یا جو اور اس کے بدلے اسی جنس کو زیادہ مقدار میں وصول کرتا ہے تو یہ بھی ربا ’’سود‘‘ ہے۔ ان آیات میں سود خور کو اس آدمی سے تشبیہ دی گئی ہے جسے شیطان نے خبط کیا ہے۔ خبط کا معنی حرکات میں توازن کا نہ ہونا ہے۔ سود خور قیامت کے دن پاگلوں کی صورت میں محشور ہوگا۔ کیونکہ وہ اپنے عمل سے معاشرہ میں عدم توازن کا سبب ہوا۔ ایسے لوگوں کے نزدیک سود اصل جبکہ خرید و فروخت فرع ہے لہذا وہ کہتے ہیں کہ خرید و فروخت ’’کاروبار‘‘ ربا کی مانند ہے، ان دونوں میں کوئی فرق نہیں حالانکہ ان دونوں میں بڑا فرق ہے۔ انفاق سے متعلق آیات کے بعد ربا ’’سود‘‘ سے متعلق آیات آئی ہیں تاکہ ان دو جہات کو بیان کیا جائے، خیر و شر جو مال و دولت کے توسط سے پیدا ہوتا ہے۔ انفاق کا مطلب کسی حاجت مند کو بغیر بدلہ لینے کے مال دینا ہے جبکہ ربا کچھ دئے بغیر دوسرے سے مال وصول کرنا ہے۔ قرآن مجید میں ہے (یَمۡحَقُ اللّٰہُ الرِّبٰوا وَ یُرۡبِی الصَّدَقٰتِ) جو ثروت ربا ’’سود‘‘ کےوسیلہ سے آتی ہے اللہ اسے ختم کردیتا ہے لیکن صدقہ دینے سے مال میں اضافہ ہوتا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: اگر ربا ’’سود‘‘حلال ہوتا تو لوگ محنت مزدوری کو چھوڑ دیتے۔ امام رضا علیہ السلام نے بھی فرمایا: اگر ربا ’’سود خوری‘‘ عام ہوجائے تو قرض پر مال دینے کی روایت ہی ختم ہوجائے۔ حلال خرید و فروخت کو حرام ربا سے تشبیہ دینا سود خوروں کے فکری و نظریاتی عدم توازن کی نشانی ہے (یَتَخَبَّطُہُ الشَّیۡطٰنُ۔۔۔ بِاَنَّہُمۡ قَالُوۡۤا اِنَّمَا الۡبَیۡعُ مِثۡلُ الرِّبٰوا)۔ گناہ کے لیے جواز پیش کرنا گناہ کے لیے راستہ کھول دینے کے مترادف ہے (اِنَّمَا الۡبَیۡعُ مِثۡلُ الرِّبٰوا)۔ الٰہی احکام اور قوانین لوگوں کی تربیت کے لیے ہیں(جَآءَہٗ مَوۡعِظَۃٌ مِّنۡ رَّبِّہٖ)۔ جدید قوانین ماضی کے لوگوں پر لاگو نہ ہوں گے(فَلَہٗ مَا سَلَفَ)۔ جو نہ جانتے ہوئے گناہ کریں تو ان سے چشم پوشی کی جائے گی لیکن جو لوگ جان بوجھ کر اور آگاہانہ طور پر بار بار گناہ کا ارتکاب کرتے ہیں ان کے لیے کوئی رعایت نہیں(وَ مَنۡ عَادَ فَاُولٰٓئِکَ اَصۡحٰبُ النَّارِ)۔

آیت ۲۷۶:

ضروری نہیں کہ جو مال سود (ربا) سے حاصل کیا گیا ہے وہ ضائع ہو جائے، بلکہ ثروت کو زیادہ کرنے کے جو اثرات ہیں وہ ختم ہوجاتے ہیں۔ مثال کے طور پر کتنے زیادہ بڑے مالدار ایسے ہیں جو سود سے حاصل شدہ مال کے ہوتے ہوئے آرام و سکون سے محروم رہتے ہیں۔ وہ ہمیشہ پریشان اور غیر مطمئن ہوتے ہیں۔ جبکہ اپنے مال سے انفاق کرنے والے، قرض الحسنہ اور صدقہ دینے والے ہمیشہ پرسکون ہوتے ہیں اور معاشرے میں ان کے رویہ کے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بظاہر بڑھنے والے مال و دولت سے حیرانی میں نہ پڑو اور نہ ہی خوشحال ہو کیونکہ جس معاشی نظام کی بنیاد ربا پر ہو تو وہ نابود ہی ہوگا اور اس نظام کا خاتمہ ہوجائے گا (یَمۡحَقُ اللّٰہُ الرِّبٰوا)۔ صدقہ اور زکات معیشت کے استحکام اور رشد و ترقی کا سبب ہے (یُرۡبِی الصَّدَقٰتِ)۔ سود خور اللہ تعالیٰ کی رحمت اور محبت سے محروم ہوگا (وَ اللّٰہُ لَا یُحِبُّ کُلَّ کَفَّارٍ اَثِیۡمٍ)۔

آیت ۲۷۷:

سود خور جو ( کَفَّارٍ اَثِیۡمٍ) ہے کے مقابلے میں اس آیت میں مومنین کے چہرے کا نقشہ کھینچا گیا ہے تاکہ اس بات کی طرف اشارہ کیا جاسکے کہ جس معاشرہ سے سود کا خاتمہ ہوجائے تو ایسے معاشرہ میں نماز اور زکات کا ماحول پیداہوگا۔ لوگوں کے چار گروہ ہیں: ۱۔ ایک گروہ وہ ہے جو ایمان لائے اور نیک اعمال بجالاتے ہیں، یہ مومنین ہیں۔ ۲۔ ایک گروہ وہ ہے جو نہ تو ایمان لائے ہیں اور نہ ہی نیک اعمال کرتے ہیں، یہ کافر ہیں۔ ۳۔ ایک گروہ وہ ہے جو ایمان تو لائے ہیں لیکن نیک عمل نہیں کرتے، یہ لوگ فاسق ہیں۔ ۴۔ ایک گروہ وہ ہے جو ایمان نہیں رکھتے لیکن ایمان کا اظہار کرتے ہیں اور بظاہر نیک اعمال بھی کرتے ہیں، یہ منافقین ہیں۔ اسلام میں عبادتی مسائل کے علاوہ معاشی اور اقتصادی مسائل بھی بیان ہوئے ہیں۔ نماز کے ساتھ زکات بھی ہے (وَ اَقَامُوا الصَّلٰوۃَ وَ اٰتَوُا الزَّکٰوۃَ)۔ عمل صالح کے بعد نماز اور زکات کو بیان کرنے سے اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ تمام نیک اعمال میں ان دو اعمال کی بلند حیثیت ہے(عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ اَقَامُوا الصَّلٰوۃَ وَ اٰتَوُا الزَّکٰوۃَ)۔ سمجھدار آدمی وہ ہے جس کی نظر فقط اس پر نہیں جو اس کے پاس موجود ہے بلکہ اس کی نظر اپنے مستقبل پر بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے پاس اس کا بھیجا ہوا کیا کچھ موجود ہے (عِنۡدَ رَبِّہِمۡ)۔ حقیقی ایمان اور سکون، ایمان اور نیک عمل کے زیر سایہ ہے یعنی اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق سے تعلق و رابطہ رکھنا (لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ)۔

آیت ۲۷۸:

پیغمبراکرمﷺنے اس آیت کے بعد ایک خطبہ کے دوران فرمایا: زمانہ جاہلیت کے جتنے سودی کاروبار تھے ان سب کو اپنے پاؤں تلے روندتا ہوں، جبکہ ان سودی اموال میں سب سے زیادہ میرے چچا عباس کے پاس ہیں۔ زمانہ جاہلیت کے لوگوں میں سود خوری کا نظام رائج تھا، اسلام کے ابتدائی ایام میں مسلمان بھی سودی کاروبار کیا کرتے تھے (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا ۔۔۔ ذَرُوۡا)۔ سود لینے والا کسی منفعت کا مالک نہیں ہوتا۔ اسلامی نقطہ نظر سے سودی کاروبار سے وصول کئے گئے مال کے لیے قانونی حیثیت حاصل نہیں(ذَرُوۡا مَا بَقِیَ مِنَ الرِّبٰۤوا)۔ ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ مال حرام سے چشم پوشی کی جائے اور اسے چھوڑ دیا جائے(اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِیۡنَ)۔

آیت ۲۷۹:

اسلام نہ سود کی اجازت دیتا ہے اور نہ ہی استحصال کی اجازت دیتا ہے۔ اسلامی نظام ان نظاموں کی مانند نہیں جو حق مالکیت کو ختم کردیتے ہیں اور لوگوں سے ان کے اموال بحق سرکار ضبط کر لیتے ہیں اور قومی ملکیت قرار دیتے ہیں۔ سود خوری گناہ کبیرہ ہے کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ سے اعلان جنگ ہے (بِحَرۡبٍ مِّنَ اللّٰہِ)سود خور یہ خیال کرتے ہیں کہ ان کا واسطہ محروم اور کمزور طبقات سے ہے جبکہ ان کا واسطہ اللہ تعالیٰ سے ہے جو محروموں اور کمزور طبقات کا حامی ہے۔ سود خور کے لیے بھی توبہ کا دروازہ کھلا ہے (بِحَرۡبٍ مِّنَ اللّٰہِ۔۔۔وَ اِنۡ تُبۡتُمۡ)۔ سود خور اپنے اصل سرمائے کا مالک ہے لیکن سودی کاروبار سے حاصل شدہ منفعت کا مالک نہیں (فَلَکُمۡ رُءُوۡسُ اَمۡوَالِکُمۡ)۔ اسلامی اقتصاد میں نجی مالکیت کو قانونی تحفظ حاصل ہے (فَلَکُمۡ رُءُوۡسُ اَمۡوَالِکُمۡ)۔ سلطہ پذیری اور سلطہ گری دونوں قابل مذمت ہیں، نہ تو تم ظلم قبول کرو اور نہ ہی کسی پر ظلم کرو (لَا تَظۡلِمُوۡنَ وَ لَا تُظۡلَمُوۡنَ)۔ ان لوگوں کی مذمت اور سرزنش کرنا صحیح نہیں جو پہلے سود لیتے تھے لیکن اب انہوں نے توبہ کیا ہے اور سود نہیں لیتے (وَ اِنۡ تُبۡتُمۡ۔۔۔لَا تَظۡلِمُوۡنَ وَ لَا تُظۡلَمُوۡنَ)۔ لوگوں کو معاشی انصاف فراہم کرنا اسلامی حکومت کے فرائض سے ہے (لَا تَظۡلِمُوۡنَ وَ لَا تُظۡلَمُوۡنَ)۔

آیت۲۸۰:

اس آیت میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مقروض کو مہلت دی جائے لیکن مقروض اس سہولت سے غلط فائدہ مت اٹھائے۔ حدیث میں ہے جو لوگ بغیر کسی وجہ کے لیا ہوا قرض واپس نہ دیں تو ان پر چوری کا گناہ لکھا جائے گا۔ اسی طرح مہلت دینے والوں کے لیے شہدا جیسا ثواب درج ہوگا۔ ہر دن جو مقروض کو مہلت دی جائے تو اتنی مقدار مال جو اس نے مقروض سے لینا ہے ان کے نام صدقہ دینے کا ثواب لکھا جائے گا۔ جس مال کو بھلا دیا جاتا ہے لیکن نادار اور فقیر کو مال بخشنا کبھی نہیں بھلایا جاتا، محروم کے دل کو موہ لینا خالق کی رضا لینا، کمائی سے کئی درجہ بہتر ہے۔ دینی نقطہ نظر سے نہ صرف سود لینے سے منع کیا گیا ہے بلکہ یہ حکم دیا گیا ہے اصل مال اور قرض واپس لینے میں نرمی کرو (فَنَظِرَۃٌ اِلٰی مَیۡسَرَۃٍ)۔ فقیر مقروض کا قرضہ بخش دینا صدقہ ہے (وَ اَنۡ تَصَدَّقُوۡا خَیۡرٌ لَّکُمۡ)۔ اسلام کا قانونی اور اقتصادی نظام، اخلاقی نظام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ اگرچہ قرض واپس لینا قرض دینے والے کا قانونی حق ہے لیکن اس کی واپسی کے لیے مہلت دینا یا مقروض کو معاف کردینا جو کہ فقیر ہے، خیر ہے، یہ اخلاق ہے (فَنَظِرَۃٌ۔۔۔ تَصَدَّقُوۡا)۔

آیت ۲۸۱:

یہ آیت سابقہ آیات میں جو کچھ بیان ہوا ہے ان میں بیان شدہ مطالب کی جمع بندی ہے، اس میں سود کے حوالے سے عمومی خبردار کرنا ہے۔ سود وصول کرنا اور اس کے ذریعہ دنیا میں کچھ پا لینا معمولی ہے اور جلد ختم والا ہے جو چیز ابدی اور باقی ہے وہ قیامت ہے (وَ اتَّقُوۡا یَوۡمًا)۔ قیامت کی یاد سود سے دور کرنے کے لیے مضبوط ترین وسیلہ ہے اور دوسرے محرمات سے دور ہونا ہے (وَ اتَّقُوۡا یَوۡمًا تُرۡجَعُوۡنَ فِیۡہِ)۔ اسلام کے اقتصادی نظام کے نفاذ کی ضمانت ایمان اور تقویٰ ہے (وَ اتَّقُوۡا یَوۡمًا)۔ اس دنیا میں جو امور چل رہے ہیں ان میں کمی بیشی کا امکان ہے لیکن اللہ سے جو معاملہ ہے اس میں کمی بیشی کا امکان نہیں (تُوَفّٰی کُلُّ نَفۡسٍ مَّا کَسَبَتۡ)۔ جزا و سزا کا معیار عمل ہے نہ کہ آرزو اور خواہش (مَا کَسَبَتۡ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 282 تا 282
يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِذَا تَدَايَنتُم بِدَيۡنٍ إِلَىٰٓ أَجَلٖ مُّسَمّٗى فَٱكۡتُبُوهُۚ وَلۡيَكۡتُب بَّيۡنَكُمۡ كَاتِبُۢ بِٱلۡعَدۡلِۚ وَلَا يَأۡبَ كَاتِبٌ أَن يَكۡتُبَ كَمَا عَلَّمَهُ ٱللَّهُۚ فَلۡيَكۡتُبۡ وَلۡيُمۡلِلِ ٱلَّذِي عَلَيۡهِ ٱلۡحَقُّ وَلۡيَتَّقِ ٱللَّهَ رَبَّهُۥ وَلَا يَبۡخَسۡ مِنۡهُ شَيۡـٔٗاۚ فَإِن كَانَ ٱلَّذِي عَلَيۡهِ ٱلۡحَقُّ سَفِيهًا أَوۡ ضَعِيفًا أَوۡ لَا يَسۡتَطِيعُ أَن يُمِلَّ هُوَ فَلۡيُمۡلِلۡ وَلِيُّهُۥ بِٱلۡعَدۡلِۚ وَٱسۡتَشۡهِدُواْ شَهِيدَيۡنِ مِن رِّجَالِكُمۡۖ فَإِن لَّمۡ يَكُونَا رَجُلَيۡنِ فَرَجُلٞ وَٱمۡرَأَتَانِ مِمَّن تَرۡضَوۡنَ مِنَ ٱلشُّهَدَآءِ أَن تَضِلَّ إِحۡدَىٰهُمَا فَتُذَكِّرَ إِحۡدَىٰهُمَا ٱلۡأُخۡرَىٰۚ وَلَا يَأۡبَ ٱلشُّهَدَآءُ إِذَا مَا دُعُواْۚ وَلَا تَسۡـَٔمُوٓاْ أَن تَكۡتُبُوهُ صَغِيرًا أَوۡ كَبِيرًا إِلَىٰٓ أَجَلِهِۦۚ ذَٰلِكُمۡ أَقۡسَطُ عِندَ ٱللَّهِ وَأَقۡوَمُ لِلشَّهَٰدَةِ وَأَدۡنَىٰٓ أَلَّا تَرۡتَابُوٓاْ إِلَّآ أَن تَكُونَ تِجَٰرَةً حَاضِرَةٗ تُدِيرُونَهَا بَيۡنَكُمۡ فَلَيۡسَ عَلَيۡكُمۡ جُنَاحٌ أَلَّا تَكۡتُبُوهَاۗ وَأَشۡهِدُوٓاْ إِذَا تَبَايَعۡتُمۡۚ وَلَا يُضَآرَّ كَاتِبٞ وَلَا شَهِيدٞۚ وَإِن تَفۡعَلُواْ فَإِنَّهُۥ فُسُوقُۢ بِكُمۡۗ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَۖ وَيُعَلِّمُكُمُ ٱللَّهُۗ وَٱللَّهُ بِكُلِّ شَيۡءٍ عَلِيمٞ ٢٨٢
ترجمہ
اے وہ لوگ جو ایمان لا چکے ہو! جب تم مقررّہ مدت کے لیے کسی کو قرض دو تو اس کو لکھ لیا کرو، تمہارے درمیان جو لکھنے والا ہے وہ منصفانہ سند تیارکرے، جس میں لکھنے کی صلاحیت ہو تو اسے لکھنے سے پہلو تہی نہیں کرنا چاہیےجس طرح اللہ نے اسے تعلیم دی ہے، ضروری ہے کہ وہ لکھے اور قرض لینے والا املاء کروائے اور اللہ جو اس کا رب ہے اس سے خوف کھائےکچھ بھی اس میں سے چھوڑ نہ دے، اگر قرض لینے والا کمزور یا ناسمجھ ہو یا ایسا ہوکہ اس میں املا کروانے کی صلاحیت نہ ہو تو ضروری ہے کہ اس کا ولی اس کی جگہ منصفانہ طور پر (قرض کی مدت اور مقدار کو) لکھوائے اور مردوں سے دو آدمیوں کو اس پر گواہ قرار دو اگر دو مرد موجود نہ ہوں تو ایک مرد اور دو عورتیں ہوں، ایسے گواہ لیے جائیں جو فریقین کو قبول ہوں، کیونکہ اگر ان میں سے ایک بھول جائے تو دوسرا اسے یاد دلائے اور جس وقت گواہوں کو گواہی دینے کے لیے بلایا جائے وہ گواہی دینے سے انکار نہ کریں، قرض کی مقدار کم ہو یا زیادہ قرض کی مدت کے ساتھ اسے لکھنے میں سستی مت کرو کیونکہ اللہ کے ہاں یہ کام انصاف کے زیادہ نزدیک ہے اور گواہی دینے کے لیے مضبوط حوالہ ہے، یہ شک و تردید سے بچنے کے لیے بہتر ہے مگر یہ کہ نقد معاملہ کیا جارہا ہو کہ جسے تم دست بدست دیتے ہو، اس صورت میں تم پر کوئی حرج نہیں کہ تم اسے تحریر نہ کرو لیکن تم جب نقد پیسوں سے خرید و فروخت کرتے ہو تو پھر بھی گواہ قرار دو ، لکھنے والے اور گواہ کو حق گوئی کی خاطر کوئی نقصان نہ پہنچے اگر تم ایسا کرو گے تو اللہ کے فرمان سے نکل جاؤ گے، اللہ کے فرمان کی مخالفت سے بچو، اللہ تمہیں (زندگی گزارنے کے لیے صحیح راستہ کی)تعلیم دیتا ہے اللہ تو ہر چیز بارے آگاہ ہے۔(۲۸۲)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۸۲:

یہ قرآن مجید کی سب سے بڑی آیت ہےجو قانونی مسائل اور تجارتی اسناد تیار کرنے کے طریقہ سے متعلق ہے۔ یہ آیت اس امر کا ثبوت ہے کہ اسلام تمام مسائل کو باریک بینی کے ساتھ بیان کرتا ہے۔ زمانہ جاہلیت میں جب لوگ بہت ہی پس ماندہ اور غیر ترقی یافتہ تھے اور معاشرہ تہذیب و تمدن سے عاری تھا تو اس زمانے میں انتہائی دقیق قانونی مسائل کو پیش کیا ہے۔ یہ امر اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام ایک جامع دین ہے اور اس میں زندگی کے تمام مسائل باریک بینی کے ساتھ بیان ہوئے ہیں۔ (تَدَایَنۡتُمۡ)دین سے ہے جو قرض اور ہر اس معاملہ اور کاروبار کو شامل ہے جو نقد رقم کے ساتھ کیا جائے۔ قرض ہو یا قرض پر خریداری ہو۔ حدیث میں آیا ہے جوشخص کاروباری معاملات میں تحریری سند تیار نہ کرے اور کسی کو گواہ بھی نہ بنائے اور اس کا مال اس وجہ سے ضائع ہو جائے تو پھر وہ جتنی بھی دعا کرے کہ اس کا ضائع شدہ مال واپس مل جائے یا یہ دعا کر کہ اس کا مال ضائع نہ ہو تو اللہ تعالیٰ ایسے شخص کی دعا قبول نہیں کرتا۔ اللہ تعالیٰ ایسے شخص کے لیے فرماتا ہے کہ تم نے میری ہدایت کے مطابق عمل کیوں نہ کیا۔ اگر ذاتی مال اور حقوق کی حفاظت ضروری ہے تو بیت المال اور سرکاری خزانہ کی حفاظت تو کئی درجہ بالاتر ضروری ہوگی۔ نقد مال سے کاروبار میں بھی سند تیار کرنا مفید ہے۔ لیکن اس کی ضرورت اس طرح نہیں جس طرح ادھار کے کاروبار کے لیے ضروری ہے۔ کیونکہ ایسا کاروبار جس میں کل کا وعدہ دیا جاتا ہے اگر کاروبار کرنے والا یا گواہ میں سے کوئی مر جائے یا جنہوں نے معاملہ کیا ہے وہ اسے بھول جائیں تو تحریر ایسے موارد میں کام دے گی۔ لکھنے کے فرمان سے معلوم ہوتا ہے کہ جو اسناد تیار کی گئی ہوں اس میں عادل گواہ ہوں کہ جن سے گواہی کے وقت فائدہ اٹھایا جاسکے۔ ایسے زمانے میں جس کے بارے کہا جاتا ہے کہ پورے جزیرۃ العرب میں فقط سترہ افراد لکھنا پڑھنا جانتے تھے، لکھنے کی بات، اس کا طریقہ کار، تحریر میں گواہوں کی موجودگی، یہ سب دقیق قسم کی ہدایات اس بات کی اہمیت کو اجاگر کررہی ہیں کہ اسلام علم اور حقوق کی حفاظت پر بہت توجہ دیتا ہے۔ اس آیت سے یہ بات بھی سمجھی جاسکتی ہے بلکہ اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اسلامی معاشرہ کے افراد ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھیں اور ایک دوسرے کی حمایت کریں کیونکہ ہر معاملہ میں ایک کاتب کی ضرورت پڑتی ہے اور دو گواہوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایمان احکام پر عمل کرنے کا ذریعہ ہے، اس آیت میں یہ خطاب (یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا)احکام پر عمل کرنے کی ترغیب ہے۔ قرض کے لیے مدت کا تعین کرنا ضروری ہے (اِلٰۤی اَجَلٍ مُّسَمًّی)۔ کاروبار میں تحریر اس لیے ضروری ہے تاکہ ایک دوسرے پر اعتماد برقرار رہے،کسی طرف سے بدگمانی نہ ہو، بھول سے بچا جاسکے اورانکار نہ کیا جائے(فَاکۡتُبُوۡہُ)۔ دو گواہ اس لیے ضروری ہیں تاکہ معاملہ کرنے والوں کا ایک دوسرے پر اطمینان رہے اور سند میں فریقین سے کسی کی دخل اندازی نہ ہو اور اس میں رد و بدل کے خدشہ سے بچا جاسکے، یہ سند تیسرا شخص تیار کرے (وَ لۡیَکۡتُبۡ بَّیۡنَکُمۡ کَاتِبٌ)۔ جو شخص قرارداد لکھ رہا ہو وہ صرف حقائق کو لکھے، اپنی طرف سے کچھ کم یا زیادہ نہ کرے، عدل و انصاف کو مد نظر رکھے، قلم اور تحریر میں انصاف ضروری ہے(بِالۡعَدۡلِ)۔ اللہ تعالیٰ کے دئیے ہوئے علم کے شکرانہ کے طور پر ہمیں دوسروں کی مشکلات کو حل کرنے میں مدد دینا چاہیے(وَ لَا یَاۡبَ کَاتِبٌ اَنۡ یَّکۡتُبَ کَمَا عَلَّمَہُ اللّٰہُ)۔ ہر فن اور ہر قابلیت والے کی خصوصی ذمہ داری بنتی ہے، جس کے پاس قلم ہے وہ قلم سے لوگوں کی خدمت کرے (وَ لَا یَاۡبَ کَاتِبٌ اَنۡ یَّکۡتُبَ)۔ ضروری ہے کہ جس کے ذمہ قرضہ ہے وہ خود قرار داد کا متن لکھوائے اور کاتب لکھے، نہ کہ جس کا دعویٰ قرض دینے والا کر رہا ہو (وَ لۡیُمۡلِلِ الَّذِیۡ عَلَیۡہِ الۡحَقُّ)۔ انسان کا اپنے بارے کسی چیز کا اقرار کرلینا اس پر لازم العمل ہے (وَ لۡیُمۡلِلِ الَّذِیۡ عَلَیۡہِ الۡحَقُّ)۔ مقروض جب قرار داد لکھوا رہا ہو تو وہ اللہ تعالیٰ کو سامنے رکھے، کچھ بھی کم نہ کرے، لکھتے وقت قرض کی تمام خصوصیات کو درج کروائے (وَ لۡیَتَّقِ اللّٰہَ رَبَّہٗ )۔ قانون سازی ایسی ہو کہ اس میں کمزور کا حق ضائع نہ ہو۔ اگر مقروض شخص کمزور، ناسمجھ یا گونگا ہو تو اس کا سرپرست یا ولی قرار داد کا متن تحریر کروائے گا اور کاتب اسے لکھے گا (فَاِنۡ کَانَ الَّذِیۡ عَلَیۡہِ الۡحَقُّ سَفِیۡہًا اَوۡ ضَعِیۡفًا۔۔۔فَلۡیُمۡلِلۡ وَلِیُّہٗ)۔ کمزور اورناسمجھ لوگ اجتماعی معاملات اور تقریبات میں ولی و سرپرست کے محتاج ہوتے ہیں (فَلۡیُمۡلِلۡ وَلِیُّہٗ)۔ محروم طبقہ اور کمزور افراد کے سرپرستوں پر لازم ہے کہ وہ ان کے حقوق پر توجہ دیں (فَلۡیُمۡلِل) امر کا صیغہ ہے جو لزوم اور وجوب پر دلالت کرتا ہے۔ مرد حضرات گواہی دینے اور گواہ بننے میں خواتین پر مقدم ہیں (شَہِیۡدَیۡنِ مِنۡ رِّجَالِکُمۡ)۔ گواہ عادل، قابل اعتماد اور فریقین کے لیے قابل قبول ہوں (مِمَّنۡ تَرۡضَوۡنَ)۔ مرد اکیلا گواہ بن سکتا ہے لیکن اگر گواہ ایک مرد ہو اور دو خواتین ہوں تو وہ دو عورتیں اکٹھی اس معاملہ کی گواہی دیں گی کہ اگر ان میں سے ایک سے بھول چوک ہوجائے تو دوسری اس کی مدد کرے اور دوسری اسے یاد دلائے (فَتُذَکِّرَ اِحۡدٰىہُمَا)۔ ایک مرد کی جگہ دو عورتوں کا گواہ بننا یا تو اس حوالے سے ہے کہ عورتیں نرم مزاج ہوتی ہیں یا اس وجہ سے ہے کہ عورتیں عام طور پر بازار اور اقتصادی مسائل میں سرگرم نہیں ہوتیں اور نہ ہی ان معاملات میں ان کا بڑا کردار ہوتا ہے، ان معاملات کے بارے ان کی آشنائی کمتر ہوتی ہے۔ اگر تمہیں گواہی دینے کے لیے دعوت دی جائے تو اس سے رد نہ کرو، لیکن بن بلائے گواہ بننا ضروری نہیں(وَ لَا یَاۡبَ الشُّہَدَآءُ اِذَا مَا دُعُوۡا)۔ قرارداد لکھنے میں مال کی مقدار اہم نہیں بلکہ فریقین کا اعتماد اور لوگوں کے حقوق کی حفاظت زیادہ اہمیت رکھتی ہے (وَ لَا تَسۡـَٔمُوۡۤا اَنۡ تَکۡتُبُوۡہُ صَغِیۡرًا اَوۡ کَبِیۡرًا)۔ باریک بینی اور انصاف کے ساتھ تیار ہونے والی سند کے تین فائدے ہیں: الف: انصاف کے نفاذ کا ضامن ہے (اَقۡسَطُ)۔ ب: گواہوں کے لیے گواہی دینے کی ہمت اور جرات ہوگی(اَقۡوَمُ)۔ ج: معاشرہ میں بد اعتمادی کو دور کرنے کا سبب ہوگا (اَدۡنٰۤی اَلَّا تَرۡتَابُوۡۤا)۔ لوگوں کے لیے احکام کے اسرار اور فوائد بیان کئے جائیں تو انہیں قبول کرنا ان کے لیے آسان ہوجاتا ہے (ذٰلِکُمۡ اَقۡسَطُ)۔ آج قرار داد لکھنے کے لیے وقت دینا کل فتنہ و فساد اور اختلاف میں پڑنے سے بہتر ہے (اَدۡنٰۤی اَلَّا تَرۡتَابُوۡۤا)۔ نقد کاروبار میں سند لکھنا ضروری نہیں (اِلَّاۤ اَنۡ تَکُوۡنَ تِجَارَۃً حَاضِرَۃً)۔ نقد کاروبار میں اگرچہ سند لکھنا ضروری نہیں لیکن گواہ کا موجود ہونا مفید ہے (فَلَیۡسَ عَلَیۡکُمۡ جُنَاحٌ اَلَّا تَکۡتُبُوۡہَا ؕ وَ اَشۡہِدُوۡۤا اِذَا تَبَایَعۡتُمۡ)۔ کاتب اور گواہ دونوں امان میں ہیں، حق لکھنے یا حق کی گواہی دینے کی وجہ سے ان کو اذیت نہ دی جائے (وَ لَا یُضَآرَّ کَاتِبٌ وَّ لَا شَہِیۡدٌ)۔ اگر گواہی دینے یا قرار داد لکھنے کے لیے وقت درکار ہو یا اس کے لیے مشقت اٹھانا پڑے تو گواہ اور کاتب کو حق زحمت دیا جائے وگرنہ ان دونوں کا نقصان ہوگا(وَ لَا یُضَآرَّ کَاتِبٌ وَّ لَا شَہِیۡدٌ)۔ گواہ اور کاتب کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ سند کو اس طرح تیار کریں کہ ان دو میں سے کسی ایک کے نقصان میں ہو، اس میں پارٹی بازی یا ذاتی پسند ناپسند مد نظر نہ ہو بلکہ اللہ تعالیٰ کا خوف مدنظر ہو تاکہ اس وجہ سے کسی کا حق ضائع نہ ہو(وَ لَا یُضَآرَّ کَاتِبٌ وَّ لَا شَہِیۡدٌ)۔ سند میں ہر قسم کا خورد برد خواہ کسی بھی فریق سے ہو گناہ اور جرم ہے (فَاِنَّہٗ فُسُوۡقٌ)۔ کاتب اور گواہ لوگوں کے حقوق کے محافظ اور نگہبان ہیں، الٰہی حدود سے تجاوز فسق ہے، سرحدات کو توڑنا گناہ ہے (فَاِنَّہٗ فُسُوۡقٌ)۔ پاکیزہ اور باتقویٰ دل آئینہ کی مانند علوم اور حقوق کو وصول کرلیتا ہے (وَ اتَّقُوا اللّٰہَ ؕ وَ یُعَلِّمُکُمُ اللّٰہُ)۔ اللہ تعالیٰ ہماری تمام مادی اور معنوی ضروریات کو جانتا ہے اور ان کی بنیاد پر ہمارے لیے قوانین و احکام کو بیان کرتا ہے۔قانون بنانے والے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے پاس گہری اور ہر حوالے سے حقیقت پر مبنی مکمل آگہی ہو (وَ اللّٰہُ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ)۔
سورۃ البقرۃ
کل آیات: 286 | مدنی | پارہ 3
آیت 283 تا 286
۞ وَإِن كُنتُمۡ عَلَىٰ سَفَرٖ وَلَمۡ تَجِدُواْ كَاتِبٗا فَرِهَٰنٞ مَّقۡبُوضَةٞۖ فَإِنۡ أَمِنَ بَعۡضُكُم بَعۡضٗا فَلۡيُؤَدِّ ٱلَّذِي ٱؤۡتُمِنَ أَمَٰنَتَهُۥ وَلۡيَتَّقِ ٱللَّهَ رَبَّهُۥۗ وَلَا تَكۡتُمُواْ ٱلشَّهَٰدَةَۚ وَمَن يَكۡتُمۡهَا فَإِنَّهُۥٓ ءَاثِمٞ قَلۡبُهُۥۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ عَلِيمٞ ٢٨٣ لِّلَّهِ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَمَا فِي ٱلۡأَرۡضِۗ وَإِن تُبۡدُواْ مَا فِيٓ أَنفُسِكُمۡ أَوۡ تُخۡفُوهُ يُحَاسِبۡكُم بِهِ ٱللَّهُۖ فَيَغۡفِرُ لِمَن يَشَآءُ وَيُعَذِّبُ مَن يَشَآءُۗ وَٱللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ قَدِيرٌ ٢٨٤ ءَامَنَ ٱلرَّسُولُ بِمَآ أُنزِلَ إِلَيۡهِ مِن رَّبِّهِۦ وَٱلۡمُؤۡمِنُونَۚ كُلٌّ ءَامَنَ بِٱللَّهِ وَمَلَٰٓئِكَتِهِۦ وَكُتُبِهِۦ وَرُسُلِهِۦ لَا نُفَرِّقُ بَيۡنَ أَحَدٖ مِّن رُّسُلِهِۦۚ وَقَالُواْ سَمِعۡنَا وَأَطَعۡنَاۖ غُفۡرَانَكَ رَبَّنَا وَإِلَيۡكَ ٱلۡمَصِيرُ ٢٨٥ لَا يُكَلِّفُ ٱللَّهُ نَفۡسًا إِلَّا وُسۡعَهَاۚ لَهَا مَا كَسَبَتۡ وَعَلَيۡهَا مَا ٱكۡتَسَبَتۡۗ رَبَّنَا لَا تُؤَاخِذۡنَآ إِن نَّسِينَآ أَوۡ أَخۡطَأۡنَاۚ رَبَّنَا وَلَا تَحۡمِلۡ عَلَيۡنَآ إِصۡرٗا كَمَا حَمَلۡتَهُۥ عَلَى ٱلَّذِينَ مِن قَبۡلِنَاۚ رَبَّنَا وَلَا تُحَمِّلۡنَا مَا لَا طَاقَةَ لَنَا بِهِۦۖ وَٱعۡفُ عَنَّا وَٱغۡفِرۡ لَنَا وَٱرۡحَمۡنَآۚ أَنتَ مَوۡلَىٰنَا فَٱنصُرۡنَا عَلَى ٱلۡقَوۡمِ ٱلۡكَٰفِرِينَ ٢٨٦
ترجمہ
اگر تم سفر میں ہوں اور کسی لکھنے والے کو موجود نہ پاؤ توقبضے کے ساتھ رہن پر معاملہ کرو، اگر ایک دوسرے پر اعتماد ہو تو جسے امین قرار دیا گیا ہے وہ اس امانت( یعنی قرض) کو وقت پر ادا کردے اور اللہ جو اس کا رب ہے اس کا تقویٰ اختیار کرے اور تم گواہی کو مت چھپاؤ اور جو بھی گواہ بننے کے بعد اسے چھپائے گا بلاشک وہ اپنے دل سے گنہگار ہے اور جو کچھ تم انجام دیتے ہو اللہ اس سے آگاہ ہے۔(۲۸۳) اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے سب کا مالک اللہ ہے جو کچھ تمہارے دل و دماغ میں ہے تم اسے آشکار کرو یا اسے مخفی رکھو اللہ اس حوالے سے تمہاری باز پرس کرے گا لہذا اللہ جسے چاہےاسے بخش دے اور جسے چاہے اسے سزا دے، اللہ تو ہر بات پر قادر ہے۔(۲۸۴) جو کچھ پیغمبر پر اس کے رب کی طرف سے نازل ہوا ہے وہ اس پر ایمان لے آئے اور تمام مومنین بھی، وہ سب اللہ، فرشتوں، کتابوں اور رسولوں پر ایمان لائے ہیں (انہوں نے کہا:)ہم اس کے رسولوں ( پرعقیدہ رکھنے کے حوالے سے ان) میں فرق نہیں کرتے(سب پر ہمارا ایمان ہے) اور انہوں نے کہا: ہم نے (حق کی آواز کو) سنا اور اطاعت کی، اے ہمارے رب! ہم تیری بخشش و مغفرت کو چاہتے ہیں، ہماری واپسی تیری جانب ہے۔(۲۸۵) اللہ کسی کو اس کی توانائی سے زیادہ ذمہ داری نہیں دیتا، انسان جو نیک کام کرتا ہے تو اپنے فائدہ کے لیے کرتا ہے اور جو کوئی برائی انجام دیتا ہے تو وہ بھی اپنے نقصان میں کرتا ہے،(مومنین کہتے ہیں:) اے ہمارے رب! اگر ہم (ایک ذمہ داری کو) بھول گئے یا اس کی انجام دہی میں غلطی کی تو ہمیں گرفت میں نہ لے، اے ہمارے رب! ہمارے اوپر بھاری ذمہ داری کا بوجھ نہ ڈال، جو کچھ تو نے ان پر قرار دیا ہے جو ہم سے پہلے گزرے ہیں، اے ہمارے رب! جس کو ہم انجام دینے کی قدرت نہیں رکھتے وہ ہمارے اوپر لازم قرار نہ دے، ہم سے درگذر فرما، ہمیں بخش دے، ہمارے اوپر اپنی رحمت قرار دے، تو ہی ہمارا سرپرست و مولا ہے، لہذا تو ہمیں کافر جماعت پر غلبہ عطا فرما۔(۲۸۶)
نکات، اجمالی تفسیر اور پیغامات

آیت ۲۸۳:

اگر قرض کی دستاویز تیار کرنے کے لیے لکھنے والا میسر نہ ہو تو قرض لینے والے سے کوئی وثیقہ یا رہن لیا جاسکتا ہے خواہ سفر میں ہوں یا سفر میں نہ ہوں۔ لہذا یہ جملہ (وَ اِنۡ کُنۡتُمۡ عَلٰی سَفَرٍ)اس حوالے سے ہے کہ عام طور پر دوران سفر انسان کے پاس لکھنے کے وسائل نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں یا ہوتے ہی نہیں۔ یہ جملہ اس طرح ہے جس طرح کہا گیا ہے (اِذَا حَضَرَ اَحَدَکُمُ الۡمَوۡتُ۔۔۔الۡوَصِیَّۃُ )’’بقرہ، ۱۸۰‘‘ جب تمہاری موت کا وقت قریب آجائے تو وصیت کرو جبکہ ہمیں معلوم ہے کہ وصیت کرنا موت کے وقت کے قریب آنے کے ساتھ مخصوص نہیں لیکن وصیت کرنے کے لیے آخری موقع وہ ہوتا ہے جب موت کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ وثیقہ کی شرط یہ ہے کہ اسے وصول کیا جا سکے اور وثیقہ لینے والا اسے اپنے پاس رکھ سکتا ہو (مَّقۡبُوۡضَۃٌ)۔ معاملہ کو مضبوط اور مستحکم کرنے میں عیب نہیں ہے، آپ نے قرض وصول کرنا ہے تو اس کے لیے وثیقہ (رہن کے طور پر کچھ) لے لو (فَرِہٰنٌ مَّقۡبُوۡضَۃٌ)۔ مختلف افراد کے لیے احکام میں فرق ہے، نامعلوم افراد کے لیے رہن اور جن افراد پر رہن کے بغیر اطمینان ہو ان کے لیے حکم فرق کرتا ہے ( فَرِہٰنٌ مَّقۡبُوۡضَۃٌ ؕ فَاِنۡ اَمِنَ۔۔۔)۔ ایسا نہ ہونے دو کہ کاروباری معاملات میں اعتماد اور اطمینان کے ماحول کو نقصان پہنچے اور بازار میں ایک دوسرے پر اعتماد کرنے کا ماحول ختم ہوجائے (فَاِنۡ اَمِنَ بَعۡضُکُمۡ بَعۡضًا فَلۡیُؤَدِّ الَّذِی اؤۡتُمِنَ)رہن لینے کا فلسفہ اطمینان حاصل کرنا ہے کہ قرض جو دیا گیا ہے اس کی واپسی یقینی ہوگی، اگر اس کے بغیر اطمینان حاصل ہو تو پھر رہن کی ضرورت نہیں۔ جن افراد کو لوگوں کے حقوق کے بارے میں علم ہے وہ مظلوموں کے حقوق کے بارے میں جوابدہ ہیں (وَ لَا تَکۡتُمُوا الشَّہَادَۃَ)۔ چونکہ حق کو بیان کرنا ضروری ہے اس لیے حق کوچھپانا حرام ہے (وَ مَنۡ یَّکۡتُمۡہَا فَاِنَّہٗۤ اٰثِمٌ قَلۡبُہٗ)۔ باطنی انحراف، ظاہری انحراف کا باعث بنتا ہے، گنہگار دل گواہی کو چھپانے کا سبب بنتا ہے (وَ مَنۡ یَّکۡتُمۡہَا فَاِنَّہٗۤ اٰثِمٌ قَلۡبُہٗ)۔ اس بات پر ایمان رکھنا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے کاموں سے باخبر ہے، تقویٰ اختیار کرنے اور حقائق کو بیان کرنے کا سبب بنتا ہے (وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ عَلِیۡمٌ)۔

آیت ۲۸۴:

علامہ طباطبائی تفسیر المیزان میں لکھتے ہیں: انسان کے قلبی’’دل کے‘‘ حالات دو طرح کے ہیں:۱۔بعض دفعہ بغیر اختیار کے اس کے ذہن میں کوئی بات آجاتی ہے جس کی وجہ سے انسان اپنے کام بارے کچھ بھی فیصلہ نہیں کرپاتا۔ ایسی حالت کا ذہن میں آجانا گناہ شمار نہیں ہوتا کیونکہ یہ ہمارے اختیار میں نہیں۔ لیکن اگر وہ ذہنی کیفیات اور روحانی حالات برے اعمال بجالانے کا سبب بنیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے ذہنوں کی گہرائی میں ان کا اثر ہوا ہے، ایسے قلبی حالات کے حوالے سے انسان جوابدہ ہے اور اس کا مواخذہ اور جواب طلبی ہوگی۔ ممکن ہے کہ انسان کے باطنی حالات پر سزا اس حوالے سے ہو کہ ایسے گناہ جن کا باطنی پہلو موجود ہے، ان گناہوں کا ذاتی پہلو باطنی ہونا ہے اور درحقیقت وہ دل کا عمل ہے جس طرح کفر کرنا یا حق کو چھپانا، نہ کہ وہ مورد جو گناہ کا سبب نہیں کہ جب تک گناہ نہ کرے گا سزا نہ ملے گی۔ انسان اپنے جذبات، احساسات، باطنی حالات اور اس حوالے سے ابھرنے والے رجحانات کے حوالے سے ذمہ دار ہے، یہ مطلب قرآن مجید میں بار بار بیان ہوا ہے: (یُؤَاخِذُکُمۡ بِمَا کَسَبَتۡ قُلُوۡبُکُمۡ) جو کچھ تمہارے دل کماتے ہیں اللہ ان کا مواخذہ کرے گا اور اس پر تمہاری گرفت ہوگی ’’بقرہ، ۲۲۵‘‘۔ (فَاِنَّہٗۤ اٰثِمٌ قَلۡبُہٗ)بتحقیق حق کو چھپانے والے کا دل گنہگار ہے ’’بقرہ، ۲۸۳‘‘۔ (اِنَّ السَّمۡعَ وَ الۡبَصَرَ وَ الۡفُؤَادَ کُلُّ اُولٰٓئِکَ کَانَ عَنۡہُ مَسۡـُٔوۡلًا)بتحقیق کان، آنکھ اور دل سب سے سوال کیا جائے گا ’’اسراء، ۳۶‘‘ (اِنَّ الَّذِیۡنَ یُحِبُّوۡنَ اَنۡ تَشِیۡعَ الۡفَاحِشَۃُ فِی الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا لَہُمۡ عَذَابٌ اَلِیۡمٌ ۙ فِی الدُّنۡیَا وَ الۡاٰخِرَۃِ)مومنوں کے درمیان بدکاری پھیلانے کی دلی خواہش رکھنے والوں کے لیے دنیا و آخرت میں عذاب ہے’’نور، ۱۹‘‘ نہج البلاغہ میں حضرت علی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ لوگوں کا ان کے افکار اور نیتوں پر احتساب ہوگا اور ان کی پکڑ ہوگی۔ اللہ تعالیٰ مالک مطلق ہے(لِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الۡاَرۡضِ) اور عالم مطلق ہے (وَ اِنۡ تُبۡدُوۡا ۔۔۔ اَوۡ تُخۡفُوۡہُ) اور قادر مطلق ہے (وَ اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ)۔ پیالے سے باہر وہی ٹپکتا ہے جو اس کے اندر ہوتا ہے، انسان کے اعمال اس کے باطنی افکار، نظریات اور عقائد کو بیان کر رہے ہوتے ہیں (تُبۡدُوۡا مَا فِیۡۤ اَنۡفُسِکُمۡ)۔ تربیت کرنے والے پر ہے کہ وہ اپنے زیر تربیت افراد کو امید اور خوف کی درمیانی حالت میں رکھے (فَیَغۡفِرُ ، یُعَذِّبُ)۔

آیت ۲۸۵:

اس آیت میں اصول دین: توحید، نبوت اور معاد کو بیان کیا گیا ہے اور بعد والی آیت میں انسان کی الٰہی فرائض کو انجا م دینے کے لیے آمادگی اور اللہ تعالیٰ سے رحمت و مغفرت کی درخواست کرنے کو بیان کیا گیا ہے۔ پیغمبراکرمﷺ کی تکریم اور ان کا احترام واجب ہے، رسول اللہﷺ کا معاملہ دوسرے لوگوں سے مختلف ہے، لہذا اس آیت میں رسول اللہﷺکے تذکرہ سے ابتدا کی گئی ہے اور آپ پر ایمان لانے کی بات ہے، اس کے بعد مومنین کا ذکر ہے اور ان کے عقائد کو بیان کیا گیا ہے۔ رہبر اپنے مکتب کا آئینہ ہوتا ہے (اٰمَنَ الرَّسُوۡلُ بِمَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡہِ)۔ دینی مبلغین لوگوں کو جس چیز کی دعوت دیتے ہیں اس پر ان کا ایمان بھی ہو (اٰمَنَ الرَّسُوۡلُ)۔ آسمانی کتابیں انسان کی ہدایت اور تربیت کے لیے نازل کی گئی ہیں (مِنۡ رَّبِّہٖ)۔ تمام انبیاء پر ایمان لانا لازم ہے، تمام انبیاء کا ہدف ایک ہے(کُتُبِہٖ وَ رُسُلِہٖ)۔ ایمان اور عمل مغفرت الٰہی کو وصول کرنے کی راہ ہموار کرتے ہیں (سَمِعۡنَا وَ اَطَعۡنَا ٭۫ غُفۡرَانَکَ)۔ ایمان اور عمل کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور مغفرت کی امید رکھنی چاہیے(سَمِعۡنَا وَ اَطَعۡنَا ٭۫ غُفۡرَانَکَ)۔ بخشش ربوبیت کے شئون سے ہے اور تربیت کا مقدمہ ہے (غُفۡرَانَکَ رَبَّنَا)۔

آیت ۲۸۶:

بعض دفعہ فراموشی اور لا پرواہی کا سبب خود انسان ہے لہذا اس حوالے سے اس کی گرفت ہوگی جیسا کہ اللہ تعالٰی کا فرمان ہے (کَذٰلِکَ اَتَتۡکَ اٰیٰتُنَا فَنَسِیۡتَہَا ۚ وَکَذٰلِکَ الۡیَوۡمَ تُنۡسٰی)’’طہٰ، ۱۲۶‘‘ جس طرح ہماری آیات تمہارے پاس آئیں اور تم نے ان کو بھلا دیا، اسی طرح آج تجھے بھلایا جا رہا ہے۔ چنانچہ اس آیت میں بھول جانے اور خطا کے لیے مغفرت طلب کی گئی ہے اور اس کے ضمن میں سابقہ امتوں کو ان کی سرکشی اور زیادتی پر سخت سزائیں دی گئیں۔ اس حوالے سے انہوں نے معافی کی درخواست کی ہے کہ ہمیں وہ سزا نہ دی جائے ۔ اس آیت میں انسان اللہ تعالٰی سے تمام الطاف اور مہربانیوں کو طلب کرتا ہے، اس کا پہلا مرحلہ معاف کردینا ہے کہ جس کا نتیجہ گناہوں کے اثرات کا خاتمہ اور عذاب کا اٹھایا جانا ہے۔ دوسرا مرحلہ: مغفرت اور گناہ کے اثرات کا روح اور دل سے محو کردینا ہے۔ تیسرا مرحلہ: پروردگار کی رحمت سے استفادہ اور کافروں پر کامیابی حاصل کرنا ہے۔ (لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفۡسًا اِلَّا وُسۡعَہَا) کا مضمون دوسری آیات میں بھی آیا ہے جیسے (مَا جَعَلَ عَلَیۡکُمۡ فِی الدِّیۡنِ مِنۡ حَرَجٍ)’’حج، ۷۸‘‘، (یُرِیۡدُ اللّٰہُ بِکُمُ الۡیُسۡرَ)’’بقرہ، ۱۸۵‘‘، پیغمبراکرمﷺ نے فرمایا: میں آسان اور سہل دین کے ساتھ مبعوث ہوا ہوں۔ انسانی فرائض اور واجبات اس کی طاقت سے زیادہ نہیں (لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفۡسًا اِلَّا وُسۡعَہَا)اسلام آسان دین ہے، اس میں سختی نہیں۔ ہمارے اعمال کے اثرات ہیں جو خود ہماری طرف پلٹتے ہیں (لَہَا مَا کَسَبَتۡ وَ عَلَیۡہَا مَا اکۡتَسَبَتۡ)۔ انسان آزاد اور صاحب اختیار خلق ہوا ہے (لَہَا مَا کَسَبَتۡ)۔ دستورات الٰہی کا انجام دینا یا انہیں ترک کرنے کا فائدہ یا نقصان خود انسان کے لیے ہے (لَہَا ۔۔۔ عَلَیۡہَا)۔ جو یہ کہتے ہیں(سَمِعۡنَا وَ اَطَعۡنَا) وہ سراپا عادل اور متقی ہیں لیکن پھر بھی وہ اپنی غلطی اور کوتاہی سے پریشان ہیں اور دعا کرتے ہیں (اِنۡ نَّسِیۡنَاۤ اَوۡ اَخۡطَاۡنَا)۔ ماضی کے لوگوں کی تاریخ اور ان کے ناخوشگوار حالات میں غور کریں اور ان سے عبرت لیں اور ان سے درس لیتے ہوئے اللہ تعالٰی سے پناہ مانگیں(کَمَا حَمَلۡتَہٗ عَلَی الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبۡلِنَا)۔ دعا کے آداب سے یہ ہے کہ ہم پہلے اپنی کمزوری کا اقرار کریں(لَا طَاقَۃَ لَنَا)پھر اللہ تعالیٰ کی عظمت کی گواہی دیں (اَنۡتَ مَوۡلٰىنَا) پھر اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی درخواست پیش کریں (وَ اعۡفُ عَنَّا ٝ وَ اغۡفِرۡ لَنَا ٝ وَ ارۡحَمۡنَا)۔ اسلام کی کفر پر کامیابی مومنوں کی ہمیشہ کی آرزو ہے اور اللہ تعالٰی سے درخواست بھی ہے کہ وہ انہیں کافروں پر غلبہ دے (فَانۡصُرۡنَا عَلَی الۡقَوۡمِ الۡکٰفِرِیۡنَ)۔
اوپر تک سکرول کریں۔